رات کی رات مجھے بزم میں رہنے دیجیے۔قمر جلالوی

میرثانی سید محمد حسین مرحوم ، استاد قمر جلالوی کے نام سے اردو کی دنیا میں مشہور تھے اور اپنے کلام کی ندرت اور سلاست اور سادگی اور خیالات کی انتہای سادہ انداز میں ترجمانی کے باعث ادب کی تاریخ میں اعلی مقام حاصل کرچکے ہیں۔ انکے کلام میں دقیق الفاظ کی نمایش ہر گزنہیں تھی وہ بالکل سادہ انداز میں ایسی بات کہتے تھے کہ و ہ سننے والوں کے دل میں اتر جاتی تھی۔
میرے پاس انکی ایک کتاب تجلیات قمر ( اوج قمر )موجود ہے ۔ اسکی تمہید میں ناشرا ن ( شیخ امجد علی و شیخ ارشد علی ) نے جو باتیں لکھی ہیں اس میں سے چند جملے لکھرہا ہوں۔
” استاد قمر جلالوی کا شمار اردو کےبلند پایہ شعرا میں ہوتا ہے ۔ وہ ایک ایسے شاعر تھے جن کے کلام میں اس عہد کی تمام سچایاں بدرجہ اتم موجود تھیں۔ ۔۔۔ انکو نام و نمود کی قطعی پرواہ نہیں تھی یہی وجہ ہے کہ انکی زندگی میں انکے کلام کا ایک مجموعہ بھی شا یع نہ ہوسکا۔۔۔۔۔۔ استاد قمر ایک درویش صفت انسان تھے انھوںنے عمر عزیز کا بیشتر حصہ نہایت غربت اور عسرت میں بسر کیا لیکن اس کے باوجود انکی غیرت نے کبھی بھی کسی کے آگےدست سوال دراز کرنا گوارا نہ کیا۔۔۔۔۔۔ سب سےپہلے جناب زیڈ اے بخاری مرحوم نے استاد قمر کو ریڈیو پاکستان کے ذریعہ عوام سے متعارف کرایا ۔۔۔۔۔ استاد اپنے مخصوص ترنم اور سلاست کلام سے مشاعرہ لوٹ لیا کرتے تھے۔ انکی آواز میں سوز تھا ۔ ۔۔۔۔ انکی شاعری میں بہ یک وقت دلی کی ٹکسالی زبان بھی تھی اور لکھنو کی چاشنی بھی ۔ ۔۔۔۔۔۔ استاد قمر کو حضرت میر تقی میر کے دبستان کا آخری شاعر کہنا مبالغہ نہ ہوگا۔ ۔۔۔۔۔ استاد قمر جلالوی غزل کی آبرو تھے لیکن فن مرثیہ نگاری میں بھی انکو ایک بلند مقام حاصل تھا ”
یہ تو تھا استاد قمر جلالوی کی کتاب اوج قمر کے تمہیدی مضمون سے انتخاب۔ اب میں اس کتاب کی غزلوں میں سے چند شعروں کو لکھتا ہوں جن میں انہوں نے اپنے تخلص قمر کو کس کس انداز میں پیش کیا :
اے قمر شق ہوا مہتاب پیمبر کے لیے!
ہم نے دو ہوتے ہوے چاند کی دنیا دیکھی
قمر اختر شماری کے لیے تیار ہوجاو
کہ اب رسم محبت اس مہ کامل سے ٹوٹے گی
یہ بہت اچھا ہوا آییں گے وہ پچھلے پہر
چاندنی بھی ختم جب تک اے قمر ہوجاے گی
کون قمر سے ہے بیگانہ اہل زمیں یا اہل فلک
ذرہ ذرہ اس سے واقف تارا تارو جانے ہے
رسوا کرے گی دیکھ کے دنیا مجھے قمر
اس چاندنی میں ان کو بلانےکو جاے کون؟
کیا کہے گی اے قمر تاروںکی دنیا دیکھ کر
چاندنی شب میں وہ کیوںروتے ہیں مدفن کے قریب
وہ چودھویں کا چاند نہ آیا نظر قمر
میں اشتیاق دید میں تا ختم شب رہا
کھلبلی مچ گئی تاروں میں قمر نے دیکھا
شب کو یہ چاند سی صورت جو دکھادی تم نے
قمر افشان چنی ہے رخ پہ اس نے اس سلیقہ سے
ستارے آسماںسے دیکھنےکو آے جاتے ہیں
قمر اچھا نہیں گیسو رخ روشن پ آجانا
گہن جب بھی لگا ہے چاند کی تنویر بگڑی ہے
۔۔۔۔۔۔
مندرجہ بالا اشعار میں قمر نے جس انداز میں اپنے تخلص کو شامل کیا وہ انکے کمال شاعری کی دلیل ہے۔ میں نے انکی چند ہی غزلوں میں سے یہ مثالیں یہاں پیش کی ہیں ۔ اب میں قمر جلالوی کی
شاعری پر تمام قمر جلالوی کے شیدایوں کو لکھنے کی دعوت دیتا ہوں ۔
صرف یہ خیال رہے کہ موضوع سے ہٹ کر یہ بلاگ ثانوی موضوعات یا غیر متعلق موضوعات پرنہ بکھر جاے۔ یہ بلاگ صرف اور صرف قمر جلالوی کےلیے مختص ہے۔ اگر کسی سخنور نے انکو دیکھا اور سنا ہے تو اس کا ذکر بھی اس بلاگ میں کیا جاسکتا ہے۔
علم کا طالب :
کمپوزنگ کی غلطیو ں کی معافی کے ساتھ۔
منظور قاضی از جرمنی

34 thoughts on “رات کی رات مجھے بزم میں رہنے دیجیے۔قمر جلالوی”

  1. ماشااللہ منظور بھائی۔خوب محنت کی ہےآپ نے استاد قمر جلالوی کی معلومات بہم پہنچانے کے لیئے۔اردو سے آپ کی محبت مثالی ہے۔ کاش اردو ادب کے نام پر نام سمیت سب کچھ کمانے والے بھی اسی محبت کا مظاہرہ کریں اور ٹائپ ہی سیکھ لیں۔

  2. صفدر ھمدانی بھای کی ہمت افزای کا شکریہ۔ یہ انکی اور ڈاکٹر نگہت نسیم بہن کی عنایت ہے کہ مجھ کو ان بلاگوں میں لکھنے کی ہمت دی ۔

    اگر ظفر جعفری صاحب اس موضوع پر اپنی تحقیقات کے مطا بق کوی معلو مات افزا تبصرے کرتے رہیں تو سب کے علم میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ہی اس موضوع پر ایک بلاگ لکھنےکا مشور ہ دیا تھا ۔
    اب یہ سب کی مرضی ۔
    اردو کا شیدای
    منظور قاضی از جرمنی

  3. موضوع کا پورا شعر یہ تھا جو کسی وجہ سے پورا شایع نہ ہوسکا :
    رات کی رات مجھے بزم میں رہنے دیجیے
    آپ دیکھیں گے سحر کو نہ قمر کی صورت
    فقط:
    منظور قاضی از جرمنی

  4. یہ عجیب دلچسپ بات ہے کہ استاد قمر جلالوی کے اس بلاگ پر اب تک صرف تین تبصرے ہوے جن میں سے ایک تبصرہ جناب صفدر ھمدانی صاحب کا تھا اور دو میرے ۔
    اسکے برخلاف میں نے جو بلاگ ( اسی کے ساتھ ) میرے چھوٹے بھای مسعود قاضی کی غزل پر شروع کیا تھا اس پر دس سے زیادہ تبصرے ہوے ! !!

    میں ظفر جعفری صاحب کے تبصروں کا انتطار کررہا ہوں اس لیے کہ انہی کی تجویز پر یہ بلاگ شروع کیاگیا تھا۔ ظفر جعفری صاحب نے کہا تھا کہ انکے پاس استاد قمر جلالوی کی چار وں تصانیف موجود ہیں ۔ ان تصانیف سے استفادہ کرکے ایک اچھا خاصہ مقالہ لکھاجا سکتا ہے۔

    اگر ظفر جعفری صاحب کسی وجہ سے نہیں آسکتے تو کم از کم اپنے دوستوں سے کہدیں کہ وہ استاد قمر جلالوی کی شاعری اور اسکی ادبی زندگی پر تبصرہ کریں ۔
    میں نے تو حسب مقدور ابتدا کردی اب یہ دوسروں پر ہے کو وہ اسکو انتہا تک پہنچایں ۔
    خیر اندیش :
    منظور قاضی

  5. استاد کا کلام تو زبان زدِ عام ہے لیکن قلق مجھے اس بات کا ہے کہ اردو کے نقاد اور مورخ کیوں خاموش ہیں جبکہ کم از کم انکی چار کتابیں بھی آچکی ہیں۔ میں نے یہ سوال جب اردو کے ایک شاعر اور پروفیسر سے کیا تو اُنکا جواب تھا کہ بعض لوگوں کا پی۔آر اچھا نہیں ہوتا اسلئےوہ آنکھوں سے اوجھل ہوجاتے ہیں۔ ریڈیو ڈلس سے ایک مبصر نے کہا کہ فیض کو اردو میں غالب اور اقبال کے بعد سب سے بڑا شاعر مانا جاتا ہے۔ فیض صاحب یقیناً ایک عظیم الشان شاعر تھے۔۔ لیکن یہ بات میر سودا ذوق انیس دبیر فانی جگر جوش حسرت یگانہ مومن اور درجنوں اساتذہ کی کم از کم توہین ضرور ہے۔ شاید اس ہی قسم کی زیادتی کا شکار استاد قمر جلالوی بھی ہوں۔۔ اس پر آپ سب کی آراء اور بحث و مباحثہ کی مجھے خواہش ہے۔ میری رائے سے کسی کا متفق ہونا ضروری نہیں

    دل کے بہلانے کو غالب یہ سوال اچھاہے

  6. استاد کے دو اشعار

    خالی دل و دماغ ہوئے عمر بھر گئ
    رعشہ بدن میں چڑھ گیا صورت اُتر گئ
    پیری سے خم کمر میں نہیں ہے یہ اے قمر
    میں جھک کے ڈھونڈتا ہوںجوانی کدھر گئ

    میں نے بھی اس پر طبع آزمائ یوں کی ھے

    دو پل میں میری ساری جوانی گزر گئ
    کب آئ کیسے آئ کہاں تھی کدھر گئ
    ظفر جعفری

  7. ظفر جعفری صاحب ۔ موضوع ہےاستاد قمر جلالوی : انکی زندگی اور انکی شاعری کے مختلف پہلو اور اس کے ساتھ ساتھ وہ محرکا ت اور حالات جن سے انکی شاعری متاثر اور اجاگر ہوی ۔
    یہ تو میری تمہیدی تبصرہ میں لکھدیا گیا ہے کہ استاد قمر جلالوی شہرت پسند نہیں تھے و ہ نام و نمود کے خواہشمند نہیں تھے اس وجہ سے انکی زندگی میں انکی کوی کتاب شایع نہ ہوسکی۔
    اب رہا پی آر کا سوال تو وہ ایک قلندر قسم کے شاعر تھے ۔ یہ انکے چاہنے والوں اور انکے شاگردوں پر فرض تھا کہ وہ انکی زندگی ہی میں ان پر مقالے لکھتے اور انک نام روشن کرتے ۔ اور انکے مرنے کے بعد بھی ان کا نام دنیا میں روشن کرتے ۔

    فیض اور اقبا ل جیسے شعرا کو بیچ میں گھسیٹنے سے اور اپنے اشعار کو ( جو چاہے کتنے اچھے ہوں ) اس بلاگ میں لکھنے سے یہ بلاگ اپنے موضوع سے ہٹ جاے گا ۔
    استاد قمر جلالوی کی شاعری کا شیدای :
    منظور قاضی از جرمنی

  8. دبا کے قبرمیں سب چلدئے دعا نہ سلام
    ذرا سی دیر میں کیا ہوگیا زمانے کو

  9. منظور بھائ
    اگر اس بلاگ میں استاد کے شعر پر کوئ شعر کہا جائے تو یہ اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ میں تو اُنکی گود میں کھیلا ہوا ہوں۔

  10. میری طارق ہاشمی صاحب سے درخوات کہ آپ بھی حسین بلاگ کی زینت بنیں ۔ آپ تو اپنی والدہ کے ساتھ کربلا اور نجف کی زیارت کر چکے ہیں۔ آپ جب اس عنوان پر کچھ کہتے تو اُ سکا کیف ہی کچھ اور ہوتا ہے۔ ہمدانی صاحب با خدا آپ جھوم جائیں گے۔

  11. ظفر جعفری صاحب نے استاد قمر جلالوی کو خراج عقیدت تو پیش کردیا ۔ اب استاد قمر جلالوی کے ان نصیحتوں اور ہداہتوں کا ذکر اس بلاگ میں کیجیے جنہیں وہ اس وقت اپ کو کہا کہتے تھے “جب آپ انکی گود میں کھیل ” رہے تھے ۔

    میری ظفر جعفری صاحب کے استاد محترم اورمیرے مشفق جناب طارق ہاشمی صاحب سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ وہ بھی استاد قمر جلالوی کے اس بلاگ میں انکی شاعری اور انکی سادہ گوی اور فن کاری اور اس کی محرکات پر تبصرہ کریں۔
    یاد رہے کہ یہ بلاگ ھ؂جناب طارق ہاشمی صاحب کے شاگرد رشید جناب ظفر جعفری صاحب کے مشورہ کے بعد شروع کیا گیا ہے ۔
    اگر کسی کو اس بلاگ کےموضوع سے دلچسپی نہیں تو اس بلاگ کو ختم ہوجانا چاہیے ۔

  12. ظفر جعفری صاحب : میں بھی یہ چاہتا ہوں کہ یہ بلاگ اس وقت تک چلتا رہے جب تک اس کے موضوع پر سیر حاصل تبصرے نہ ہوجایں۔
    آپ کے پاس تو آپ کے کہنےکے مطابق استاد قمر جلالوی کی تمام تصنیفات موجود ہیں۔
    کاش کہ آپ استاد قمر جلالوی کی کتابوں کےدیباچوں اور تمھیدی مضامین کا مطالعہ کرکے ایک تحقیقی مقالہ لکھ سکیں تاکہ استاد قمر جلالوی کےمتعلق
    معلومات ، عالمی اخبار کے توسط سے دنیا کے کوچےکوچے میں پہنچ جایں۔
    خدا بھلا کرے موسیقاروں او ر گلو کاروں کا کہ انہوں نے ابھی تک اپنی پروگراموں میں استاد قمر جلالوی کی غزلیں گائیں۔
    اب دانشوروں کا فرض ہے کہ استاد قمر جلالوی کے فن پر تحقیق اور تبصرہ کریں۔
    ایک بات بھی نوٹ کرلیں کہ ایک الگ بلاگ سیدنا حضر ت حسین علیہ والسلام کے نام پر کھل چکا ہے ، اس میں یا اس بلاگ میں قمر جلالوی کے مرثیہ نگاری کی مثالیں پیش کریں تو ا ن بلاگوں کےپڑھنےوالوں کے علم میں اضافہ ہوگا ۔ اس سلسلہ میں آپ استاد قمر جلالوی کی تصنیف ” غم جاوداں ” سے فایدہ اٹھا سکتے ہیں۔
    فقط:
    منظور قاضی از جرمنی

  13. نذرِ قمر جلالوی

    رُلاسکی نہ مجھے گردشیں زمانے کی
    ہزار کوششیں تم نے بھی کیں ستانے کی
    زمیں سے یوں ہے شکایت فلک سے یوں ہے گلہ
    عجیب عجیب سی باتیں ہیں کچھ زمانے کی
    قفس ہو لاکھ چمن میں مگر وہ بات کہاں
    جو شان ہوتی ہے جنگل میں آشیانے کی
    وہ ہوسکے نہ مرے میں نہ ہسکا اُنکا
    کہی ہے بات زمانے نے دل جلانے کی

    ظفر جعفری

  14. ظفر جعفری بھای : آپ اپنی ہی غزل لکھکر استاد قمر جلالوی کی نذر کرنے کی بجاے اگر انکی کتاب ” غم جاوداں ” سے استفادہ کرکے انکی مرثیہ نگاری کےمثالیں لکھتے اور انکے فن پر تبصرہ کرتے تو یہ استاد قمر جلالوی کی بڑی خدمت ہوسکتی تھی ۔
    ویسے آپ تمام پڑھنے والوں کی توجہ اپنی ہی طرف مبذول کروانے کامیاب ہورہے ہیں تو چلیے آپ کی شاعری پر ہی ایک بلاگ اچھا رہے گا۔
    اس بلاگ میں آپ دل کھول کر جو چاہے لکھیے اور اردو کی دنیا کو یہ بتا دیجیے کہ آپکی شاعری کے کیا محرکات ہیں اور ان پر کن کن حالات اور تجربات نے اثر ڈالا اور کن کن استادوں کی شاگردی نے آپ کی شاعری کو عروج کو پہنچا یا۔
    فی لوقت یہ بلاگ صرف اور صرف استاد قمر جلالوی کی شاعری اور انکے فن اور انکی زندگی کے مختلف پہلووں پر تبصرہ کرنے کے لیے ہے۔
    اس موضوع سے ہٹ کر اس بلاگ کو کسی ثانوی موضوع پر لکھنے سے استاد قمر جلالوی کے ساتھ زیادتی ہوگی۔
    خیر اندیش ۔
    منظور قاضی از جرمنی

  15. استاد قمر جلا لوی نے اپنے آپ کو اس دنیا کی محفل میں اجنبی جان کر یہ شعر کہا ہوگا؛

    قمر اس اجنبی محفل میں تم جاتے تو ہو لیکن
    وہا ں تم کو کسی نے بھی نہ پہچانا تو کیا ہوگا

    شاید اس بلاگ کو بھی وہ اجنبی محفل سمجھتے ہیں جس میں انکو کسی نے ( سواے چند شیدایان قمر کے ) پہچانا ہی نہیں

    استاد قمر جلالوی کی روح سے معذرت کے ساتھ ۔
    منظور قاضٰ از جرمنی

  16. منظور بھائ

    استاد کی ساری کتب میں کلام بہت اچھا ہے ۔ اس کے علاوہ صرف تعارف ہے اور کوئ قابل ِ ذکر بات نہیں۔۔ استاد کا غزل میں تو اونچا مقام ہے۔ لیکن مرثیوں میں وہ خاص مقام حاصل نہیں کر پائے۔ اُنکے مقابلہ میں شوکت عمر تھانوی
    نسیم امرو ہوی سردار نقوی وغیرہ زیادہ بڑے نام ہیں اور صبا اکپرآبادی بہت بڑا نام ہے۔ جسطرح اُنکی غزلیں گائ جارہی ہیں اس ہی طرح اُنکے سلام مجالسِ عزا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ اُنکا کچھ کلام میں حسینی بلاگ میں پیش کرونگا۔ انکی غزلیں آن لائن موجود ہیں۔ میری اُنکے کلام پر تنفید میں دلچسپی تھی لیکن کسی طرف اظہارِ دلچسپی نہیں ہوا۔ میں نے جب یہی سوال جناب جمیل جالبی سے کیا تو اُنکا جواب تھا کہ جگر نے بھی کلاسیکی غزل کہی لیکن وہ اُسےآگے بھی لیکر بڑھے۔ لیکن اُستاد نے روائتی غزل تو بہت اچھی کہی وہ اُسے آگے لیکر نہیں گئے۔ شاید اس وجہ سے اُن پر تنقید یا تبصرے نہیں ہوئے۔ بہرحال

    دبا کے قبر میں سب چلدئے دعا نہ سلام
    ذرا سی دیرمیں کیا ہوگیا زمانے کو

  17. منظور ببھئ

    میرا خیال ہے کہ اس بلاگ کو ختم کیا جائے ۔ کچھ آنا ہوتا تو اب تک آجاتا۔ میری خواہش ہے کہ آپ ایک بلاگ جوش ملیح آبادی پر شروع کریں ۔ بقول طارق ھاشمی جوش بیسویں صدی کا اردو زبان کا سب سے بڑا مجدّد ہے۔ میں نے اس شعر سے زیادہ کوئ دوسرا نہیں سنا لیکن میرا مشاہدہ محدود ہے۔

    انسان کو بیدار تو ہو لینے دو

    ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسین ٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰعٰٰٰٰ

    جوش

  18. بھای ظفر جعفری صاحب کے مشورے سے میں متفق ہوں کہ عدم دلچسپی کے باعث اس بلاگ کو ختم ہی کرنا اچھا ہے۔
    میرا خیال ہے کہ اس بلاگ کو بہت سے پڑھنے والےاستاد قمر جلالوی کے لیے کچھ نہ کچھ لکھنے کی خواہش ضرور کی ہوگی مگر وہ ایسا نہ کرسکے اور اسکی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ انکو اردو فانٹ میں بلاگ میں تبصر ے لکھنا نہیں آسکا۔ وہ سب میرا خیال ہےکہ اپنی ہی جگہ تلملا کر بیٹھ گئے ہونگے۔ اگر وہ رومن اردو ہی میں لکھسکتے تھے تو شاید ان بلاگو ں میں رومن اردو ہی میں‌لکھسکتے تھے۔
    بہر حال ؛ آہستہ آہستہ یہ بلاگ خود بخود ختم ہوجاے گا۔
    اب رہا جوش پر ایک الگ بلاگ تو اس کے لیے میرے پاس اتنا مواد نہیں‌ہے کہ میں کچھ ڈھنگ کا بلاگ لکھ سکوں۔ انکی کتاب یادو کی بارات کو امریکہ ہی میں چھوڑ آیا ۔ شہاب نامہ اور یادوں کی بارات ان دونوں کتابوں کو جرمنی میں اپنے ساتھ نہ لانے کا افسوس ہے۔
    آپ نے جوش کا جو شعر اپنے تبصرے میں بھی لکھا ہے اسکو تو آپ نے حسینی بلاگ میں بھی لکھ ہی دیا ہے۔ اگر ظفر جعفری صاحب وعدہ کریں کہ وہ جوش کی شاعری اور اسکی ادبی زندگی کے مختلف پہلووں پر ایک تحقیقی مقالہ لکھینگے تو مجھے اس کی مثال یہاں پر لکھ دیں تاکہ میں اسکو اپنے نیے بلا گ کی تمہید کے طور پر لکھوں۔ ورنہ اس بلاگ کا بھی وہی حشر ہوگا جو اس بلاگ کا ہوا ہے۔

  19. منظور بھائ

    میں نے جوش ملیح آبادی پر بلاگ کی ضرورت اسلئے محسوس کی کہ آجکل دنیا جسطرح مسلمانوں کے پیچھے پڑی ہے اگر اسوقت ہملوگ جوش کو پڑھیں تو بہت سے مسائل کا حل ہمیں مل سکتا ہے۔ جسطح اقبال نے اپنی شاعری کا محور مسلمان اور اسلام کو بنایا ہے اس ہی طرح جوش کی شاعری کا محور انسان اور انسانیت ہے جس میں رنگ نسل قومیت مذہب زبان وغیرہ کے تعصب کے خلاف پیغام ہے۔ مساوات امن محبت بھائ چارے اور درگذر کا پیغام ہے۔ انفرادی اور ملّی ذمے داریوں کا درس ہے۔ حصولِ علم کا درس ہے۔۔ اس کے علاوہ جوش اردو زبان کے ببیسویں صدی کے سب سے بڑے مجدّد ہیں۔ اردو شاعری کے پنجتن میں اہم مقام پر فائض ہیں۔۔دوسرے چار میر غالب انیس اور اقبال ہیں۔ قمرجلالوی کا ادب میں نام نظر نہیں آتا لیکن غزل ہو یا نظم حمد وتناء ہو یا نعت قصائد ہوں یا منقبت مرثیہ ہو یا رباعی جوش ہر میدان میں اوجِ ثرّیا پر نظر آتے ہیں ۔ یہ اعزاز بجز جوش اردو کے کسی اور شاعر کو نصیب نہیں ہوا۔ اس ہی لئے شہنشاہِ تغزل
    جگر مراد آبادی نے لکھدیا
    ٰٰٰٰ ٰٰٰٰٰ اردو شاعری دو سو سال سے فارسی شاعری کی تقلید کررہی ہے ۔ تعجب کہ ہے کہ اُردو نے آج تک کوئ حافظ یا سعدی پیدا نہیں کیا۔ البتہ جوش کو پڑھ کر یہ محسوس ہوتا ہے کہ بلبلِ شیراز نغمہ سرا ہےٰٰٰٰ ٰٰٰٰ ۔

    منظور بھائ آپ جوش کا بلاگ بنائیں انشاء یہ یاد گار بلاگ ہوگا۔

  20. ظفر جعفری صاحب کے اصرار پر میں نے یہ استاد قمر جلالوی کا بلاگ کھول کر سب کو اس میر ثانی کی شاعری اور اسکی ادبی زندگی کے متعلق لکھنے کو دعوت دی تھی ۔ مگر کسی نے اس بلاگ میں سواے چند شیدایان قمر کے حصہ نہیں لیا ۔اب ظفر جعفری صاحب یہ کہ رہے ہیں کہ ” قمر جلالوی کا ادب میں مقام نظر نہیں آتا ” اور یہ بھی کہ
    ” انکا کلام تو بہت اچھا ہے مگر ” انکی کتابوں میں صرف تعارف ہے اور کوی قابل زکر بات نہیں”
    اور پھر جمیل جالبی کا حوالہ دیتے ہوے کہتے ہیں کہ ” استاد قمر جلالوی نے روایتی غزل تو بہت اچھی کہی ، وہ اسے آگے نہیں لے گئے ”

    اب ظفر جعفری صاحب کا اصرار ہے کہ میں جوش ملیح آبادی پر ایک بلاگ لکھو ں ۔ انکو یقین ہے کہ وہ بلاگ ” انشا اللہ یادگار بلاگ ہوگا”

    چلو یہ بات ہے تو بات کرکے دیکھتے ہیں

    ظفر جعفری سے یہ عرض ہے کہ وہ جوش کے بلاگ میں زور و شور سے حصہ لیں اسلیے کہ میرے پاس جوش کی شاعری پر لکھنے کےلیے اسکی نہ کوی کتاب ہے نہ اسکی” یادوں کی بارات ” ہے
    فقط :
    استاد قمر جلالوی کی شاعری کا شیدای اور اس کے اس بلاگ پر سیر حاصل تبصرے نہ ہونے پر افسوس کرنے والا :

    منظور قاضی از جرمنی

  21. منظور بھائ

    خدا کا شکر ہے میں نے یہ نہیں لکھا کہ اسلام میں چار بیویوں کی اجازت ہے ورنہ آپ کہتے کہ جعفری صاحب نے کہدیا میری چار بیویاں ہیں۔۔ حضور یہ میدانِِ ادب ہے جسمیں تحمّل کے ساتھ غور سے پڑھنے کی ضرورت ہے۔ غلط بیانی سے قد نیچا ہوتا ہے۔ یہاں جو پھی لکھا جاتا ہے وہ سب لوگ غور سے پڑھتے ہیں اور اپنی رائے کو محفوظ کرلیتے ہیں۔ ضروری نہیں کہ اُسکا اطہار کریں۔ یہ جگہ اپنا قد بڑھانے اور گھٹانے کیلئے بہت کار آمد ہے۔

    گستاخی معاف

    ٰٰٰ ٰٰٰ کہدوں اگر تو خون کا دریا اُبل پڑے
    اور چپ رہوں تو منہ سے کلیجہ نکل پڑےٰٰٰٰٰ ٰٰٰ

  22. ظفر جعفری صاحب اگر ہم سب صرف تعمیری اور صحت مند باتوں کو ان بلاگو ں میں لکھتےرہییں تو نہ کسی کا قد بڑھے گا نہ گھٹے گا۔ میں نے جو ں کا توں ان تمام باتوں کو جو اس بلاگ میں آپ نے خود لکھی ہیں انہیں دہرادیا۔ اگر آپ کو یقین نہیں ہے تو اپنےاوپر کے تبصروں کو پڑھیے۔ اگر ان کے دہرانے میں میری کوی غلطی ہوی ہے تو معافی کا خواستگار ہوں ۔
    اب آپ نہ خون کا دریا ابالیے اور نہ کلیجہ منہ سے نکالیے ۔ یہی میری آپ سے درخواست ہے ۔
    اب آپ کے تجویز کردہ بلاگ ” جوش ” میں اپنے تحقیقی مقالے لکھکر جوش سے آپ اپنی عقیدت کا اظہار کرتے رہیے۔

  23. آخر میں میں استاد قمر جلالوی کی چند غزلوں کے وہ مقطعے لکھتا ہوں جس میں‌انہوں نے اپنے تخلص کو بڑی خوبصورتی ہے نبھایا ہے:
    ہجر کی رات بھی ہوتی ہے عجب رات قمر
    تارے ہنستے ہیں فلک پر مجھے غم ہوتا ہے
    ۔۔۔۔
    لی دی سی اک نگاہ ستاروں پہ ڈال کے
    شرماگئے کہ دیکھ رہا ہے قمر مجھے
    ۔۔۔
    وہ مہمان میرے ہوے بھی تو کب تک ہوی شمع گل اور نہ ڈوبے ستارے
    قمر اس قدر ان کو جلدی تھی گھر کی کہ گھر چل دیے چاندنی ڈھلتے ڈھلتے
    ۔۔۔
    کس طرح گذری سب فرقت قمر سے یہ نہ پوچھ
    رات بھر ڈھونڈا ہے تارا صبح کے آثار کا
    ۔۔۔۔
    شمع گل ہوگئی تارے بھی قمر ڈوب گئے
    کوی مونس نہ رہا اب شب تنہای کا
    ۔۔۔۔۔
    وہ بھی کیا دن تھے کہ قسمت کا ستارہ تھا بلند
    اے قمر رات گذرجاتی تھی مہ پاروں میں
    ۔۔۔۔
    قمر کے اور بھی اسی طرح کے مقطعے ہیں جن میں اس نے آسماں اور رات اور تاروں کے ساتھ ساتھ اپنے تخلص قمر کو اس طرح استعمال کیا ہے کہ پڑھنےوالے ایک ہی مضمون کی تکرار کی شکا یت نہیں کرسکتے۔
    بہر حال : استاد قمر جلالوی کی شاعری سے عدم دلچسپی اور سیر حاصل تبصرے نہ ہونے کی وجہ سے یہ بلا گ اختتام کو پہنچ گیا ۔

    استاد قمر جلالوی کی روح سے افسوس کے ساتھ:
    منظور قاضی از جرمنی

  24. منظور بھائ
    آپ برا نہ مانئے گا لیکن آپ میں بوٹی لینے کی عادت ہے۔ آپ بغیر سیاق وسبق کے بات کو بل دیتے ہیں۔
    جب میں نے استاد پر بلاگ کی فرمائش کی تھی تو یہ کہا

    ٰٰٰٰ استاد کا کلام تو زبان زدِ عام ہے لیکن قلق مجھے اس بات کا ہے کہ اردو کے نقاد اور مورخ کیوں خاموش ہیں جبکہ کم از کم انکی چار کتابیں بھی آچکی ہیںٰٰٰٰ ٰٰٰٰ

    جب آپنے مجھ سے استاد کی کتابوں سے مضامین پڑھکر مقالہ لکھنے کو کہا تو،میں نے جواباً یہ کہ

    ”استاد کی ساری کتب میں کلام بہت اچھا ہے ۔ اس کے علاوہ صرف تعارف ہے اور کوئ قابل ِ ذکر بات نہیں۔۔ استاد کا غزل میں تو اونچا مقام ہے۔ لیکن مرثیوں میں وہ خاص مقام حاصل نہیں کر پائے۔ اُنکے مقابلہ میں شوکت عمر تھانوی
    نسیم امرو ہوی سردار نقوی وغیرہ زیادہ بڑے نام ہیں اور صبا اکپرآبادی بہت بڑا نام ہے۔ جسطرح اُنکی غزلیں گائ جارہی ہیں اس ہی طرح اُنکے سلام مجالسِ عزا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ ”

    جب میں نے مبصرین کی عدم دلچسپی دیکھتے ہوئے اس بلاگ کو ختم کرکے جوش پر بلاگ کی فرمائش کی تو لکھا۔

    ٰٰٰقمرجلالوی کا ادب میں نام نظر نہیں آتا لیکن غزل ہو یا نظم حمد وتناء ہو یا نعت قصائد ہوں یا منقبت مرثیہ ہو یا رباعی جوش ہر میدان میں اوجِ ثرّیا پر نظر آتے ہیں ۔ یہ اعزاز بجز جوش اردو کے کسی اور شاعر کو نصیب نہیں ہوا۔ٰٰٰٰ ٰٰٰ

    اس پر آپنے اسطح میرا مذاق اُڑایا۔

    ”اب ظفر جعفری صاحب یہ کہ رہے ہیں کہ قمر جلالوی کا ادب میں مقام نظر نہیں آتا ”

    اب فیصلہ قارئین کے ہاتھ میں ہے کون غلط اور کون صحیح۔

  25. ظفر جعفری صاحب اپنی سیماب مزاجی کا بار بار مظاہرہ کررہے ہیں ۔ قارئین یقینی طور پر سمجھ چکےہونگے کہ انکی سیماب مزاجی کے مضر اثرات ہر اس بلاگ پر کس طرح پڑ ے جس میں انہوں نے اب تک حصہ لیا ۔ ( خود انہوں نے یہ اعتراف کیااور مجھ سے معافی مانگی کہ انہوں نے میرے ایک بلاگ کی “کھچڑی ” کردی ۔)
    ۔ میں اوپر لکھ چکا ہوں کہ میں نے انکی باتوں کو جوں کا توں دہرادیا اور یہ بھی کہا کہ اگر میرے اس دہرانے میں کوی غلطی ہوی ہے تو اس کے لیے میں انسے معافی کا خواستگار ہوں ۔
    میں اس ویب سایٹ کی انتظامیہ کی خواہش اور پالیسی کا احترام کرتا ہوں اور اپنے ہر بلاگ کو “ہلکےپھلکے ” انداز میں لکھنے کی کوشش کرتا ہوں ۔ خاص طور پر میں ڈاکٹر نگہت نسیم بہن (نایب مدیر ویب سایٹ ) کے اس مشورہ پر عمل کرنا چاہتا ہوں کہ ہر بلاگ ” ہلکے پھلکے ” انداز میں شروع ہو اور اسکا خاتمہ بخیر ہو۔ میں انکے مشوروں پر عمل کرتے ہوے کوی ایسی بات نہیں کہنا چاہتا جو اس ویب سایٹ کے بلند معیار پر پوری نہ اترے ۔ ورنہ کیا بات کر نہیں آتی !!!!!

    ۔ میں بار بار ظفر جعفری صاحب کی الٹی سیدھی باتوں کا جواب لکھ کر اس ویب سایٹ کو ظفر جعفری صاحب کے معیا ر پر لانا نہیں چاہتا ۔

    مجے اس ویب سایٹ سے اور اسکی انتظامیہ سے کافی لگا و اس لیے ہے کہ اس نے اس ویب سایٹ کو اپنی سابقہ ویب سایٹ سے بہتر بنیاد پر قایم کیا ہے۔
    مشکل یہ ہے کہ ظفر جعفری صاحب کے میرے ہر بلاگ پر قابل اعتراض تبصروں کی نشاندہی کرنا میں اپنا فرض سمجھتا ہوں اس لیے کہ میں نہیں چاہتا کہ موضوع سے ہٹ کر کوی ایسی بات لکھی جاے جو بلاگ کو خرافات میں تبدیل کردے ۔
    اسی لیے تو میں کئی بار انیس کا یہ شعر دہرا چکا ہوں کہ:
    خیال خاطر احباب چاہیے ہردم
    انیس ٹھیس نہ لگ جاے آبگینوں میں
    ۔۔۔۔۔
    اب یہ بلا گ ختم پذیر ہے اس لیے میں تمام قاریین سے اور بالخصوص ظفر جعفری صاحب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کسی اور بلاگ پر اپنی توجہ دیں اور ان بلاگوں کو اپنے تعمیری اور صحت مندانہ تبصروں سے نوازیں ۔

  26. جاتےجاتے ظفر جعفری صاحب سے یہ درخواست ہےکہ وہ ” بوٹی لینے ” کے محاورہ کی تشریح کردیں ۔ اگر کوی انسے یہ کہے کہ انکو ” بوٹی لینے کی عادت ہے ” تو کیا وہ اسکو اپنی تعریف سمجھینگے یا تنقیص۔ اگر تعریف ہےتو میں بھی یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ظفر جعفری صاحب کو ” بوٹی لینے کی عادت ہے “۔

    ایک زمانہ پہلےمیں نے ” پنگا لینا ” کا محاورہ اپنے پنجابی دوستوں سے سنا تھا جس کی تشریح جناب شمس جیلانی صاحب نے بہت اچھے انداز میں کردی ؛ اب ظفر جعفری صاحب اپنی شایستہ اردو کی قابلیت کا مظاہرہ کرکے انکے اپنے محاورہ ” بوٹی لینا ” کی تشریح کردیں تاکہ سب کے علم میں اضافہ ہواور سب ظفر جعفری صاحب کے کلا م پر واہ واہ کریں۔ ظفر جعفری صاحب یہ بھی کہ سکتے ہیں کہ کیا انہوں نے یہ محاورہ اپنے استادوں ( قمر نقوی نقشبندی صاحب اور طارق ہاشمی صاحب سے سیکھا تھا ؟
    استاد قمر جلالوی کے اس بلاگ میں ظفر جعفری صاحب کا یہ محاورہ بھی تشریح طلب ہے۔

  27. واہ واہ ڈاکٹر ظفرجعفری ( پی ایچ ڈی ) صاحب : آپ اللہ حافظ کہنے سے پہلے ” بوٹی لینا ” کا مطلب اس بلاگ میں ضرور لکھیں ورنہ یہ بلاگ ادھورا رہجاےگا اور استاد قمر جلالوی کے ساتھ نا انصافی ہوگی ۔
    آپ نے یہ جانتے ہوے بھی کہ ان بلاگو ں کو خواتین بھی پڑھتی ہیں “بوٹی لینا ” کی اصطلاح اپنے اوپر کے تبصر ے میں استعمال کی ہے ۔ اگر اس صطلاح کے معنی ٰتحقیر اور تذلیل اور تنقیص کے لیے ہیں تو کم ازکم ان خواتین کے علم کے لیے ہی سہی اس اصطلاح کی توضیح کردیجیے ۔ یا اگر یہ نہیں کرسکتے تو اخلاقی جرائت کا مظاہرہ کرتے ہوے سب سے معافی ہی مانگ لیجیے ۔

    اگر آپ نے ” بوٹی لینے ” کا مطلب یہاں نہیں لکھا تو شاید یہ ہی سوال آپ کو کسی اور بلاگ میں آپ کے تبصروں کے جواب میں کوی بھی پوچھ سکتا ہے۔

    آپ کو یاد ہوگا کہ آپ کے ہم تخلص شاعر ظفر نے یہ شعر کہا تھا کہ:
    ” ظفر آدمی اسکو نہ جانیے گا چاہے کتنا ہو صاحب فہم وذکا
    جسے عیش میں یاد خدا نہ رہی ، جسے طیش میں خوف خدا نہ رہا ”

    استاد قمر جلالوی کی روح سے معذرت کے ساتھ ۔
    منظور قاضی از جرمنی

  28. بوٹی یا چٹکی لینا، بوٹی بوٹی پھڑکنا، بوٹی بوٹی کانپنا، بوٹی توڑانا، بوٹیاں اُتارنا، بوٹیاں توڑنا۔کاٹنا۔نوچنا، بوٹیاں کاٹ کاٹ کر کھانا وغیرہ زبانِ اردو کے مہذب محاورے ہیں جو نہ صرف ہر اُردو لغت میں موجود ہیں بلکہ خاصے عام فہم ہیں اور روز مرہ کی زندگی میں مرد اور خواتین انہیں استعمال کرتے ہیں۔ افسوس یہ ہے کہ محلہ بلند دروازہ میں پیدا ہونے کے باوجود جہاں غالب بھی بیدا ہوئے آپ جیسے داشوروں کے قدموں کی خاک بھی چھونے سے قاصر ہوں۔

  29. جناب ظفر جعفری بھای کی اردو فہمی اور اردو زبان پر قدرت اور انکے ایک نئے محاورے کے اردو لغت میں اضافے پر میں انکو مبارکبا د دیتا ہوں ۔
    میں نے اپنی زندگی میں کبھی ” بوٹی لینا ” کا محاورہ اس وقت پڑھا ا جب آپ نے اسکو استعمال کیا ۔ اس لیے مجھےاس محاورہ کی استعمال پر تعجب ہوا جس طرح ” پنگا لینا ” کا محاورہ میری سمجھ سے باہر تھا ۔
    میرے پاس کوی اردو کی کوی مستند لغت نہیں ہے مگر میں اب تک یہ محاورے سن چکا ہوں:
    بوٹی بوٹی پھڑکنا
    بوٹی بوٹی کانپنا
    بوٹی توڑنا ( یعنی چٹکی لینا یا تکا نوچنا )
    بوٹی چڑھنا ( یعنی مٹاپا آنا )
    بوٹیاں اتارنا ( مار کر ٹکڑے ٹکڑےکردینا )
    بوٹیاں توڑنا یا بوٹیاں کاٹنا یا بوٹیاں نوچنا ( یعنی سزا دینا یا طعنہ دینا )
    بوٹیا ں کاٹ کاٹ کر کھا نا ( یعنی بہت غصہ میں آجانا )
    بو ٹیاں کتوں اور کووں سے نوچوا نا ( یعنی کوسنا اور ایذا دینا )
    اور :
    بوٹیاں کھانا : ( یعنی گوشت کے تکے کھانا یا پھر کسی کو فکر اور رنج دینا )

    اب آپ نے مجھے یہ نیا محاورہ ( بوٹی لینا ) لکھکر میری محدود اردو میں اضافہ کیا ۔ کیوں نہ ہو، آپ تو دلی والے ہیں اور غالب کا گھر جس محلے میں تھا اسی محلے کے ایک گھر میں پیدا بھی ہوے ہیں ۔ اور اس کے ساتھ ساتھ آپ مشہور ومعروف ادیبوں اور شاعروں کے خاندان سے ہیں ۔ تو آپ جس محاورے کو ایجاد کریںگے وہ درست ہی ہوگا ۔
    ۔۔۔
    آپ سے یہ ہی استدعا ہے کہ آپ مجھ جیسے کم علم کی ” بوٹی لینا ” چھوڑدیجیے۔ اور اپنی نیک دعاوں میں شامل رکھتے رہیے ۔
    اگر استاد قمر جلالوی زندہ رہتے تو وہ شاید “بوٹی لینے ” کے محاورےکو اپنے اشعار میں ضرور استعمال کرتے۔
    آپ کی اردو فہمی اور اردو دانی کا قایل اور استاد قمر جلالوی کی شاعری کا معتقد :
    کمپوزنگ کی غلطیوں کی معافی کے ساتھ ؛
    منظور قاضی از جرمنی

  30. ڈاکٹر ظفر جعفری صاحب کی اعلی ظرفی اور اخلاقی جرائت کی قدر کرتا ہوں کہ انہوں نے یہ کہدیا کہ “صحیح محاورے چٹکی لینا اور بوٹی نوچنا ہیں ” ۔ اس اعتراف سے یہی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ انہوں نے میرے لیے ” بوٹی لینا ” کا جو محاورہ لکھا تھا وہ ایک غلط محاورہ تھا ۔

    اردو زندہ باد ، ڈاکٹر ظفرجعفری صاحب زندہ باد اور استا د قمر جلالوی کی شاعری زندہ باد۔
    اب یہ بلاگ امن اور عافیت کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔

    علم کا طالب :
    منظور قاضی از جرمنی

  31. اس بلاگ میں کسی مزید تبصر ے کی ضرورت نہیں اسلیے کہ اس بلاگ کا مقصد پورا ہوچکا۔
    میں14 جنوری کےبعد میرے اس بلاگ کی نظامت نہیں کرسکونگا ۔ جس کا افسوس ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *