اسرائیل کا غزہ امدای قافلے پر حملہ۔ امریکہ اور عالمی برادری شرم کرے

امدادی قافلے پر حملہ ایک شرمناک اقدام ہے۔ ادیبوں ، شاعروں اور تخلیق کاروں کا فرض ہے کہ اس شرمناک حملے کی مذمت کی جائے۔ عالمی اخبار بھی اس مذمت میں شامل ہے۔

اسرائیلی بحریہ اور ہیلی کاپٹروں نے چھ بحری جہازوں پر مشتمل اُس قافلے پر حملہ کر دیا ہے جو فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان لے کر غزہ کی پٹی جارہا تھا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ قافلے میں شامل افراد نے کشتیوں میں داخل ہونے والے اسرائیلی فوجیوں پر خنجروں اور ڈنڈوں سے حملہ کردیا اور صورت حال اُس وقت سنگین ہو گئی جب فلسطین کے حامی ایک کارکن نے ایک کمانڈو سے ہتھیار چھین لیا ۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے جن میں فوجی اور امدادی کاررواں میں شامل کارکن شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس کارروائی میں مرنے والوں کی تعداد کم ازکم 16 ہے ۔

اسرائیل نے تسلیم کیا ہے کہ جب اُس کی بحریہ کی کمانڈو فورس نے” فریڈم فلوٹیلا “ پر حملہ کیا تو امدادی کشتیاں اُس کی سمندری حدود سے باہر بین الاقوامی حدود میں موجود تھیں۔ترکی کے ٹی وی چینل این ٹی وی نے کہا ہے کہ اسرائیلی جنگی جہازوں نے پیر کی صبح ”فریڈم فلوٹیلا“ نامی امدادی کاررواں میں شامل ایک کشتی پر فائرنگ شروع کردی اور ٹی وی پر دیکھائے جانے والے مناظر میں کئی افراد کو زخمی حالت میں دکھایا گیا۔

اس امدادی کاررواں کی قیادت ترکی کی سماجی وامدادی تنظیمیں کررہی تھیں اس لیے اسرائیلی حملے کے بعد ترکی میں بڑے پیمانے پر مظاہروں کاسلسلہ شروع ہو گیا ہے اور حکومت نے اسرائیلی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے اس کی وضاحت طلب کی ہے۔

11 thoughts on “اسرائیل کا غزہ امدای قافلے پر حملہ۔ امریکہ اور عالمی برادری شرم کرے”

  1. میں اس حملے کی پرزور مذمت کرتی ہوں .. اور تمام ملکوں سے اسرائیلی سفارتخانوں کو اس وقت تک بند رکھنے کا مطالبہ کرتی ہوں جب تک اسرائیلی تحریری طور پر اقوام متحدہ سے یہ معاہدہ نہ کر لیں کہ آئیندہ وہ انسانی حقوق اور انسانیت کی پامالی نہیں کریں گے اور اگر وہ اس تحریری معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے تو ان کی سزا یہ اور یہ ہو گی …

    آپ کی بارگاہ فکر میں ایک نظم پیش کرتی ہوں جو میں دس جنوری 2009 کو غزہ پر ہونے والی اسرائیلی بربریت پر لکھی تھی ….

    دیکھئے آج بھی تو کچھ نہیں بدلا ہے … بس مرنے والوں کے چہرے بدل گئے ہیں .. زخمیوں کی شناخت بدل گئی ہے .. قید ہونے والوں کے ملک بدل گئے ہیں … اور اگر نہیں کچھ بدلا تو اسرائیل اور اس کی بربریت کے انداز نہیں بدلے … اس کا مشن ” مسلمانوں کو نیست و نابود کرنا ” نہیں بدلا … عرب سربراہوں کے خشنودی میں بسےمذمتی بیانات نہیں بدلے … اور امریکہ کی دو منہ والے سانپ جیسی سرشت نہیں بدلی … کیا اب بھی ہمیں کسی معجزے کا انتظار کرنا ہے …. یا اپنے حصے کی خاموشی کو توڑ کر اس ہونے والی بربریت اور ظلم کے خلاف اپنے حصے کا شور مچانا ہے ….

    غزہ کی شامِ غریباں
    10.01.2009, 12:30am , ہفتہ (GMT)
    نگہت نسیم۔سڈنی

    چودہ سوسال کے بعد بھی ہم کربلا میں ہی ہیں
    وہی یزید ابنِ یزید ابنِ یزید ابنِ یزید
    وہی تقاضہ ء بیعت
    وہی منافقت کی قبائیں اوڑھے ہوئے بدبودار ضمیر فروش حاکم
    وہی فرات کے کنارے کربلا کی طرح غزہ کی پٹی
    وہی رات کے سناٹے میں تاریکی کے بین
    وہی کربلا ہے،وہی شام غریباں ہے اور وہی معصوم اور شیر خوار بچوں پر ظلم کی آخری حد
    قسم ہے مجھکو میری خون روتی آنکھوں کی
    اس کربلا سے اس کربلا تک کچھ بھی تو نہیں بدلا

    میں سہمی ہوئی اپنے بدن سے لپٹی
    خود سے ہی پوچھتی ہوں
    ہاں سنو
    کیا تمہیں جنگ کی وہ سیاہ رات یاد ھے
    جب اچانک سائرن بج اٹھے تھے
    اور بارود کی بو پھیل گئی تھی
    چیخوں کے ساتھ ھر طرف خون بکھر گیا تھا
    اس رات غزہ پر کیا گزری
    کسی نے نہ سوچا
    کسی نے نہ پوچھا
    ہائے
    ایسی وحشت کی راتیں کیسے گزرتی ھیں
    اندھیروں میں ڈوبی شبیہیں کیسے دھندلاتی ھیں
    بھوک سے لپٹی جانیں کیسے مر جاتی ھیں
    غم میں سوختہ جاں مائیں کیسے بین کرتی ھیں
    ظالم مظلوم کو کیسے رسوا کرتا ہے
    بارود کیسے خون میں اُتر جاتا ہے اور نسوں میں دوڑتا ہے
    بوڑھا باپ جوان میت کو رخصت کرتے ہوئے کیسے چومتا ہے
    سات سال کی بچی اپنی پانچ سالہ بہن کو کیسے دلاسہ دیتی ہے
    کیسے تین روز تک
    چار بچے اپنی ماں کی لاش سے لپٹے رہتے ہیں
    کیا تم نے سوچا
    کیا تم نے پوچھا
    غزہ پر اس رات کیا گزری
    چلو آج
    اکیسوی صدی کانوحہ لکھ دو
    انسانیت کو بربریت لکھ دو
    یہ بھی لکھ دو
    اس دنیامیں ایک جہاں وہ بھی ھے
    جہاں انسان
    ایک قطرہ پانی کو ترستے ھیں
    ایک نوالہ روٹی کو تاکتے ھے
    نڈھال اپنے پیاروں کو ڈھونڈتے ھیں
    بچے اپنے ھی گھروں کا پتہ پوچھتے ھیں
    ہائے
    کیا اب یہاں کوئی انسان بھی بستا ھے
    یا
    پھر اب یہاں ایک ھی جہاں بستا ھے
    طاقت کا منافقت کا جھوٹ کا اور نفرت کا جہاں
    جہاں
    معصوم بچے مر رھے ھیں
    جتنی بارود کی بو پھیلتی ھے
    اتنے ھی انسان مر رھیں ھیں
    جتنی چیخیں گونجتی ھیں
    اتنے ھی لاشے گر رھے ھیں
    لوگو
    یہ غزہ کے نہتے مسلمان نہیں
    ھم تم مر رھے ھیں
    آج
    غزہ کا ایک ایک بچہ پکار رھا ھے
    اسی دنیا کو کس نے مقتل بنارکھا ھے
    پھولوں کی جگہ لاشوں کواگا رکھا ھے
    خوف
    اداسی
    ناامیدی
    کس نے ھمارا مقدر بنارکھا ھے ؟
    فرات کے کنارے بسی ہوئی غزہ کی بستی کے گھروں میں
    اکیسویں صدی کی شامِ غریباں ہے
    گھروں سے دھواں برابر اٹھ رہا ہے
    اور یہ سب انسانی حقوق کے داعی اس جدید عہد کے
    یزیدوں کا کام ہے
    جو سب ایک ساتھ مل کر بیعت کا تقاضہ کر رہے ہیں
    مگر کریں کیا کہ
    ‘‘قافلہ حجاز میں ایک حسین بھی نہیں “

  2. میں جناب صفدر ھمدانی صاحب اور ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ اور جناب مصباح حسین جیلانی صاحب کی آوازوں میں آواز ملا کر اسرائیل کے بےرحمانہ اور بزدلانہ کاروائی کی مذمت کرتا ہوں ۔
    میرا یہ بھی مطالبہ ہے کہ اسرائیل ، بے گناہ پاکستانی صحافیوں کو جن میں طلعت حسین بھی شامل ہیں جلد از جلد اپنی منحوس قید سے رہا کردے ۔

    فقط:
    منظور قاضی

  3. نہتے طالبان اور خیالی القائدہ سے دنیا کو ڈررانے والے خونخوار غنڈو !
    اب کہاں مر گیا تمہارا ضمیر، کہاں سو گئی تمھاری آتما اور کہاں ڈوب مری تمھاری تہذیب ؟ بھوکے اور لاچار و بے بس لوگوں کے لئے انسانیت کے نام اور ہمدردری میں نکلنے والے نہتے اور معصوم لوگوں میں تمھیں کون سے ’ نام نہاد ‘ دہشت گرد نظر آئے جو بھیڑیو تم نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنا ڈالا۔
    کیوں خاموش ہیں آج انسانی ہمدردی کے نام پہ انسان کُش انسانی حقوق کی تنظیمیں ؟ کہاں کھوگئی اسلامی کانفرنس؟ کیوں سانپ سونگھ گیا ہے امن کے نام پہ معرض وجود میں آنے والی اقوام متحدہ کو ؟ اور کہاں مرگئی دنیا کی سلامتی کے چھیتڑے اڑانے والی سلامتی کونسل ؟

    یا صبور، تو صبر اور حوصلہ بخش اپنے نہتے نام لیوائوں کو !
    یا شکو ر ، ہم ہر حال میں تیرے شاکر ہیں !

    لیکن کب تک ہمارا ہی لہو تیری زمین کو سرخ کرتا رہے گا ؟
    کب تک خونِ مسلم پہ ہی نوحے لکھے اور پڑھے جاتے رہیں گے ؟

    یا جبار ، اب تیرے ہی جبر کا انتظار ہے ان ظالموں پر !
    یا قہار ! اپنا قہر برسا ان خونخوار درندوں پر !

    آمین ثم آمین ، یا حل المشکلات ، یا دافع البلیات، یا مسبـب الاسباب ۔

  4. اسرائیل ہمیشہ سے بین الاقوامی قانون سے بالاتر دکھائی دیتا ہے اور اس معاملے میں بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیل نے کسی بین الاقوامی قانون یا انسانی روش کا خیال نہیں رکھا۔ امدادی قافلے پر حملے کی مذمت سے بات مزید آگے جانی چاہئے اور صرف سفیر کی دفتر خارجہ طلبی کی بجائے ایسے تمام مسلم بلکہ مہذب ممالک کو اپنے اپنے سفیر اسرائیل سے بلا کر اس پر پابندیاں عائد کرنی چاہیئں اور ساتھ ہی ساتھ غزہ کے لئے اسرائیلی ناکہ بندی کا جلد از جلد خاتمہ کرایا جانا چاہئے۔
    صرف کسی ایک قرار داد یا ایک مذمتی مراسلے یا معافی یا اعلامیے کی بجائے عملی طور پر اسرائیل سے اس کا جواب طلب کیا جانا چاہئے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی کارروائی کرتے ہوئے کوئی ملک دس دفعہ سوچے۔

  5. اس شرمناک اسرائیلی حملے میں دنیا کے چا لیس ممالک کے شہری اسرا ئیلی جارحیت کا ہدف بنے۔ان میں سے کسی کے ہاتھ میں کوئی ہتھیار نہیں تھا۔یہ تو حماس سے وا بستہ ان فلسطینیوں کی طرح بھی نہیں تھے جو کنکر اٹھاتے ہیں تو اسرائیلی جنگی جہازوں کو قتل ِعام کے لیے جواز مل جا تا ہے۔یہ سب مسلمان بھی نہیں تھے جن پر دہشت گردی کا مقدمہ کسی ثبوت کے بغیر ثابت ہو۔ ان میں تواُس بر طا نیہ کے شہری بھی تھے جس نے اسرائیل کے نام پراس ظلم ِجاریہ کا بیج بو یا تھا۔جب تک یہ پھل دیتا رہے گا،اس کا ”اجر” بر طا نیہ کے نا مہ اعمال میں درج ہو تا رہے گا۔اس میں مغرب کے مکین تھے جو ہالوکاسٹ کے ذکر کو بھی جرم سمجھتا ہے۔اس سے یہ مقدمہ ایک بار پھر ثابت ہوا کہ اسرائیل عالمی امن کے لیے خطرہ ہے اور انسانیت کو بحیثیت مجمو عی سوچنا ہو گا کہ کیا اسرائیل کو یہ آزادی دی جا ئے کہ وہ ایٹم بم بنانے سے لے کر انسانوں کے قتل ِعام تک،جو چا ہے کر سکتا ہے اور اس سے کو ئی بازپرس نہیں کی جا ئے گی؟
    اسرائیل کی یہ بلا جواز ریا ستی قوت ہمیشہ نہتے انسانوں اور سول سو سائٹی کے خلاف استعمال ہو ئی ہے۔ غزہ کے مکینوں کے لیے جا نے والے امدادی بیڑے پر اسرائیلی حملہ اس کا تازہ ترین ثبوت ہے۔اس کے لیے ریا ستی دہشت گردی کے علاوہ کو ئی عنوان نہیں با ندھا جا سکتا۔سوال یہ ہے کہ اسرائیل کی ریا ستی قوت کے خلاف جب ریاستی سطح پر کسی ردعمل کا کو ئی امکان نہیں تو پھر کیا کیا جا ئے؟ میرا جواب یہ ہے کہ اس پر عالم انسانیت کی سطح پر ایک بیداری کی تحریک اٹھنی چا ہیے جوِرنگ ونسل اور مذہب و علاقے کے امتیاز سے ماورا ہو کر غیر سیاسی سطح پر اس پیغام کو عام کرے کہ اسرائیل کا وجود انسانیت کے لیے خطرہ ہے۔اس تحریک کو یقیناً عدم تشدد کے اصول پر آگے بڑھنا چا ہیے31۔مئی کے افسوس ناک وا قعے نے اس کے لیے ایک ئی بنیاد فراہم کر دی ہے۔چونکہ اس دہشت گردی کا ہدف چالیس ممالک کے شہری بلا امتیاز بنے ہیں اس لیے آج لوگوں کو فلسطینیوں کا دکھ سمجھنا آسان ہو گا۔

  6. ًمحترم جناب صفدر ہمدانی صاحب
    ہم سے زیادہ صاحب ایمان تو ترکی والے نکلے۔ اس خطرے کے باوجود کہ اسرائیل فوجی کارروائی کرے گا،غزہ کے محصور فلسطینی باشندوں کی امداد کے لیے 13 بحری جہاز وں میں خوراک اور دوائیں بھر کر بھیج دیں۔ ساتھ ہی سینکڑوں امدادی کارکن بھی روانہ ہو گئے۔ استنبول کی بندرگاہ سے لاکھوں ترک باشندوں نے اس قافلے کو الوداع کہا۔ یہ قافلہ غزہ سے 60 کلو میٹر دور پہنچا تو اسرائیلی بحریہ نے اس پر حملہ کر دیا۔
    20 کارکن شہید، 70 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ اس قافلہ میں پاکستانی صحافی اور این جی او کے نمائندے بھی شامل تھے۔ ان کے بارے میں تفصیل آ چکی ہو گی۔ اس واقعہ کی اطلاع پر ترک عوام نے اسرائیل کے سفارتخانے کو گھیر لیا اور وزیراعظم ترکی اپنا چلّی کا دورہ مختصر کر کے وطن واپس آ گئے۔
    اس واقعہ کا پس منظر یہ تھا کہ اسرائیل کے وحشیانہ حملوں سے زخمی اور بدحال ہونے والے بہت سے فلسطینی باشندے پناہ لینے کے لیے ترکی پہنچے تو ترک مسلم باشندے مشعل ہو گئے فوری طور پر ایک سماجی تنظیم آئی ایچ ایچ وجود میں آ گئی اور غزہ میں محصور باشندوں کیلئے امداد جمع کرنا شروع کر دی جسے گزشتہ روز استنبول سے روانہ کیا گیا تھا۔
    اس واقعے کی اور تفصیلات بھی سامنے آ چکی ہوں گی۔ خاص بات یہ ہے کہ اسرائیل کے قیام کے بعد عالم اسلام میں ترکی پہلا ملک تھا جس نے اسے تسلیم کیا تھا اور اب پورے عالم اسلام میں ترکی پہلا ملک ہے جس نے غزہ کے مظلوم فلسطینی باشندوں کی امداد کے لیے اتنا دلیرانہ قدم اٹھایا ہے۔
    ظاہر ہے کہ امدادی سامان سے بھرے ہوئے 13 جہاز ترک حکومت کی اجازت اور معاونت کے بغیر تو بیرون ملک نہیں جا سکتے تھے۔ تاریخ کے فیصلے بھی عجیب ہوتے ہیں۔ چھوٹے سے رقبہ پر قائم اسرائیل نے 50 گنا سے بھی زیادہ بڑے عرب ممالک کو آگے لگایا ہوا ہے ان کے وسیع علاقوں پر قبضہ کیا ہوا ہے اور وہ بے بسی کے عالم میں یہ سب دیکھ رہے ہیں مگر غیرت جاگتی ہے تو ترکی والوں کی جنہیں ہم ایک عرصہ سے سیکولر ملک ہونے کا طعنہ دیتے چلے آئے ہیں!ویسے کہا جاتا ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہونے کی بنا پر عالم اسلام کا سب سے طاقتور ملک ہے مگر!…افسوس صد افسوس شرم شرم اور صرف شرم
    ہم اہلیان ترکی کی جرات و ہمت کو سلام کرتے ہیں
    ہم اس قافلے میں شامل تمام رنگ و نسل قوم و مذہب کے افراد کو سلام کرتے ہیں
    ہم پاکستان کے بہارد سپوت طلعت حسین اور ان کے ساتھیوں کی عزم و ہمت کو سلام کرتے ہیں
    اور
    ہم جناب صفدر ھمدانی صاحب ،باجی ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ اور جناب مصباح حسین جیلانی صاحب کی آوازوں میں آواز ملا کر اسرائیل کے بےرحمانہ اور بزدلانہ کاروائی کی مذمت پرزور مذمت کرتے ہیں

  7. السلام علیکم
    بے حد افسوسناک حرکت ہے اس پر جتنا بھی احتجاج کیا جائے وہ کم ہے ۔ کیونکہ اب اسرائیل بے لگام گھوڑے اور پاگل کتے جیسا ہو گیا ہے جس کو لگام نا دی گئی اور علاج نا کیا گیا تو یہ پوری دنیا خاص کر مسلم ممالک کے لیئے بہت بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔

  8. مجھے حیرت اس بات پر ہے کہ مغربی میڈیا کو تو چھوڑیں ، ہمارے نام نہاد لبرل اور امن کے پجاری جو بنیاد پرست مسلمانوں کو بات بہ بات دہشت گردی کا طعنہ مارتے ہیں ۔انسانیت کی دہائی دیتے ہیں ۔اس واقعے کے بعد خاموش کیوں ہیں ۔۔مجھے ان میں سے کسی کی ملامتی ای میل ، تعزیتی بیان افسوسناک لمحات ۔۔تاریخ کے اس تاریک گوشے کا ذکر ہی گول ۔۔ کیوں ؟ کیا اس حملے میں مرنے والے انسان نہیں تھے ۔ وہ مرے تو ان کا لہو نہ گرا یا وہ زخمی ہوئے تو ان کو درد نہ ہوا ۔۔ کیا کمی تھی کہ انسانیت کی دہائی دینے والے ، دنیا کو امن کی جنت بنانے کا خواب دیکھنے والے اس غیر انسانی عمل پر منہ میں چوسنی ڈال کر بیٹھے ہیں ۔۔ کوئی مجھے ثابت کر دے کہ یہ دہشت گردی نہیں تھی ۔کوئی مجھے ثابت کر دے کہ یہ موتیں نہیں تھیں ، خون کا رنگ لال نہیں تھا ۔۔ یا وہ حملہ ہی نہیں تھا ۔۔ دہشت گھرد کون ہے ؟ کیا اس واقعے کے بعد مسلمانوں کو یہ شور نہیں مچانا چاہیئے کہ مسلمان کو دنیا میں منظم اور کورڈ دہشت گردی کا سامنا ہے ۔ بس میرے دوستو ۔۔۔۔۔میرا گلا رندھ جاتا ہے اور اس سے ؎زیادہ دماغ کی نسیں برداشت نہیں کر سکتیں ۔۔اسی لئے حتی المکان بلاگ ، مباحثوں اور بحثوں سے بچتی ہوں ۔۔۔۔۔۔۔۔دل اب بہت کمزور ہوگیا ہے ۔۔۔بہت خون دیکھ لیا ، بہت ناانصافی سہہ لی ، اب دلپھٹنے والا ہوجاتا ہے ۔پاکستانی صحافی جورڈن کے حوالے کر دیئے گئے ہیں ۔خوش ہوں سب مسلمان کے ان کا سامان لوٹا دیا گیا ہے ۔۔انسان تھوڑی ہیں ہم ۔

  9. مذمت ، مذمت ، مذمت کان پک گئے ہیں یہ لفظ سن سن کے؟
    خدا کے بندو مذمت انسانوں کی کی جاتی ہے حیوانوں کی نہیں؟
    یہ مذمت سے نہیں مرمت سے باز اآئیں گے؟
    اگر مذمت سے باز آتے تو خدائے بزرگ و برتر نے قرآن میں جتنی اس قوم کی نام لے لے کر مذمت کی ہے یہ کب کے باز آچکے ہوتے ؟ یہ لاتوں کے بھوت ہیں باتوں سے نہیں مانیں گے؟ اس لیے انکی مرمت کے لیے اپنے آپ کو تیار کرو؟ لیکن ہم تو اپنے حکمرانوں کی مرمت نہیں کر سکے یہ تو بہت دور اور آگے کی بات ہیں؟
    کتنے ناداں ہیں ہم بھی
    یہ خاک و خون کے شوقین
    جرائم انکے ہٹلر سے سنگیں
    اور ہم مذمت کے پھول برساتے ہیں
    یہ ظلم وستم کے پجاری
    یہ انسانیت سے عاری
    یہ پتھر سے بھی بھاری
    اورہم مذمت کے پھول برساتے ہیں

  10. اس حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ افسوس ناک بات یہ ہے کہ اسرائیل نے ایسی حیوانیت کا مظاہرہ بار بار کیاہے لیکن دنیا کے بیشتر ممالک نے محض رسماً احتجاج کی صدا بلند کی ، اب تک اسرئیل کی شرارتوں اور انسانیت سوز حرکتوں کا منصوبہ بند طریقے جواب نہیں دیا گیا ۔ اب وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی آئین اور اصولوں کے تحت اس کا بائکاٹ کیا جانا چاہیے ۔
    مجھے اچھی طرح یاد ہے میرے میزبان کی وہ باتیں کہ انھوں نے ایک ہوٹل میں بیٹھے ہم لوگوں کو ایک پوسٹر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انتہائی کوشی سے یہ بات بتا رہے تھےکہ کیا آپ اس پوسٹر پر لکھی عبارت کو سمجھ سکتے ہیں ۔ ہم لوگوں نے کہا کہ نہیں ! کیونکہ یہ عبارت ترکی زبان میں تھی ۔ اس کے بعد انھوں نے بتایا کہ یہ غزہ میں پریشان حال بے بس مظلومون کے لیے ہے ۔ یہ امداد کی اپیل ہے ، پھر اس کے بعد انھوں نے بتایا کہ پوسٹر لگنے کی دیر تھی کہ عوام نے اتنی طرح طرح کی عطایات پیش کیں کہ ترکی سے غزہ کے لیے روانہ ہونے والے جہازوں پہ سارا سامان نہیں آسکا ۔ اب عنقریب ہی دوسرا قافلہ امدادی سامان لے کر جائے گا۔
    ایک طرف ترکی کے عوام کے یہ جذبات ہیں اور دورسی طرف انسانیت کے دشمن اسرائیل کا یہ وحشیانہ حرکت ہے ۔ لوگ اور ممالک طرح طرح کی باتیں کر رہے ہیں ۔ خدا کرے کوئی نتیجہ نکل کر سامنے آئے اور اسرائیل پر دباؤ پرے لیکن جب تک یہ کاروائیاں ہوتی ہیں تب تک ہمیں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے آج ہی سے ہم انفرادی طور پر اسرائیلی مصنوعات کا بائکاٹ کرنا شروع کردیں ۔ آج کی دنیا میں جو اقتصادی طور پر بائیکاٹ ہی سب سے بڑا حربہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *