صرف کراچی ہی نہیں پورا پاکستان جل رہا ہے

صرف کراچی ہی نہیں پورا پاکستان جل رہا ہے اور پاکستان سے باہر رہنے والے پاکستانی وطن کی محبت کی آگ میں سوختہ جاں ہوئے ہیں۔ پورا ملک ‘‘سیلابی پانی کی آگ‘‘ میں جل گیا ہے۔ گھروں میں صف ماتم ہے،سڑکوں پر گاڑیاں جلی پڑی ہیں، کراچی کے علاقوں میں مورچہ بند فائرنگ ہو رہی ہے،سیلاب کے مارے لوگ درختوں کے پتے کھا رہے ہیں،قبرستانوں میں گورکن ڈبل شفٹ پہ کام کررہے ہیں اور مملکت کے صدر محترم ملک میں ہی موجود نہیں اور وہ فرانس اور برطانیہ کی ٹھنڈی فضاؤں میں بقول انکے اور انکی جماعت کے پاکستان کے مستقبل کے صدر کو متعارف کرواتے پھر رہے ہیں

کہتے ہیں اسی اگست کے مہینے کی چودہ تاریخ کو پاکستان نے انگریز اور ہندو کی غلامی سے آزادی حاصل کر لی تھی لیکن میں سوچتی ہوں کہ کیا پاکستانی پندرہ اگست سنتالیس سے وڈیروں،جاگیرداروں اور زمینداروں کے دوبارہ غلام نہیں بن گئے تھے؟ ایسی غلامی جو اب ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتی۔

لگتا ہے کہ پاکستان کسی خاندان یا کسی کے باپ کی جاگیر ہے کہ وہ خود جب چاہیں جسے چاہیں اس ملک کا مالک و مختار بنا دیں۔

جس ملک کے عوام گردیں جھکا دیں اس ملک کے حاکم ایسے عوام کی گردنیں کاٹتے رہتے ہیں۔ ان بے حس اور بے ضمیر عوام میں سے کوئی بھی تو ان ضمیر فروش،وطن فروش اور عوام فروش حاکموں سے نہیں پوچھتا کہ پاکستان کی قیادت کیا موروثی یا خاندانی فیصلہ ہے؟ کہ اپنے گھر جس ان پڑھ،کم علم اور پلے بوائے صفت ‘‘لونڈے‘‘ کو چاہیں کروڑوں عوام کی قسمتوں کامالک و مختار بنا دیں۔

اس احتساب کی کنجی صرف اور صرف عوام کے پاس ہے جو یہ کنجی کہیں رکھ کر بھول گئے ہیں۔ اگر خواب غفلت سے جاگے نہیں تو ایک دن ایسا بھی آئے گا جب یہ اپنے اصبطل کے مریل گھوڑے یا پھر اپنی زمینوں کے کسی کُتے کو بھی آپکا حاکم بنا سکتے ہیں۔

آج ایک ایسا شاعر یاد آیا ہے جسکا نام بھی شاید پاکستان کے تمغہ یافتہ ادیب شاعر اور ادب فروش سرکاری ادارے بھول چکے ہیں۔جعفر طاہر جس نے 37سال پہلے یہ شعر کہے تھے۔

سرمہء چشمِ عنایت کی حکایت چھوڑو
آج ہر آنکھ میں آہوں کا دھواں ہے کہ نہیں
۔۔۔۔۔
یہ بہاریں بھی نئی ہیں یہ نظارے بھی نئے
صحنِ گلشن پہ بیاباں کا گماں ہے کہ نہیں
۔۔۔۔
نہ تو بلبل کی نوا ہے نہ صدائے طاؤس
صحنِ گل زار میں اب امن و اماں ہے کہ نہیں
۔۔۔۔۔
ظلم چُپ چاپ سہے جاؤ گے آخر کب تک
اے اسیرانِ قفس منہہ میں زباں ہے کہ نہیں
مزید پڑھنے کے لئے

18 thoughts on “صرف کراچی ہی نہیں پورا پاکستان جل رہا ہے”

  1. السلام علیکم
    آپی ، یہی تو دُکھ ہے کہ ہم جو کہ عوام ہیں ، ہم ہی غلط ہیں ، ہماری فطرت میں منافقت حد سے زیادہ بھری ہوئی ہے ، ہم دیکھتے ہوئے بھی اندھے ہیں ، سنتے ہوئے بھی بہرے ہیں ، سمجھتے ہوئے بھی جاہل ہیں ۔
    مگر ایک بات سے دل کو ڈھارس رہتی ہے اور وہ یہ کہ اللہ تعالی کی سنت ہے کہ وہ کسی بھی قوم کو ایک موقع ضرور دیتا ہے ۔
    آصف احمدبھٹی

  2. بہتر ہے اسوقت صبر سے کام لیا جائے۔ انگریز ان جاگیر داروں اور وڈیروں سے بہتر تھے۔

  3. اسلام علیکم بہن نگہت اور آصف بھائی
    دل واقعئی اتنا دکھی ہے کہ کچھ کہنے کو بھی دل نہیں چاہ رہا ۔ہماری غفلتیں ہماری کوتاہیاں ہمیں یہ سب دکھاتی ہیں ۔اور صحیح کہا آپ نے اللہ موقعہ ضرور دیتا ہے ۔مگر ہمارے کرتا دھرتا اس موقعے کو بھی ہوا میں اڑا دیتے ہیں ۔جیسا کہ ہم آج کل دیکھ رہے ہیں ۔
    تیل پھیلا تو اوباما صاحب نے اپنے سارے دورے منسوخ کر دئے کہ ملک کو ان کی ضرورت تھی ۔ہمارے ملک کو شائد حکمرانوں کی ضرورت صرف اور صرف سکون کے دنوں میں ہوتی ہے تاکہ ہلے گلے ہو سکیں ،
    پانی کے درمیان کھڑے ایک پاکستانی عوام نے اینکر سے کہا ‘ میرا گھر بار ڈوب گیا ہے کوئی نہیں بچا صدر لندن جا رہے ہیں انہیں کہو مجھے بھی ساتھ لے جائیں کہ یہاں میرا کچھ نہیں بچا ۔
    لیکن ہمارے کرم فرمائوں کو یہ سب نہ سنائی دیتا ہے نہ دکھائی دیتا ہے
    اے کاش کہ ہم مہلت سے فائدہ اٹھا لیں ۔
    اللہ میرے مظلوم ہم وطنوں کا محافظ ہو
    عالم آرا
    وینکور

  4. عوام کی بے حسی واقعی خون کے آنسو رلا رہی ہے. ایسے ضمیر فروش حکمرانوں کی تمام حرکتیں خاموشی سے دیکھ
    رہے ہیں.پس رہے ہیں، پینجہ ء ظلم کا سامنا کر رہے ہیں مگر آہ تک نہیں کرتے.

    بم دھماکوں ،ٹارگٹ کلنگ اور اب سیلاب کی تباہ کاریاں لاکھوں گھروں کو متاءثر کر چکی ہیں لیکن عوام نہ جانے کیوں
    صحیح طریقے سے احتجاج کرتے بھی نظر نہیں آتے.

    اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ

    حیراں ہوں دل کو روؤں یا پیٹوں جگر کو میں

    کے مترادف اتنے بے شمار مسائل کا شکار عوام شش و پنج میں مبتلا رہتی ہے کہ کیا کیا جاےء.لیکن مشکلات سے بچاؤ
    کے لیےء پہلے ان کی سنگینی کا اندازہ لگانا اور اس کے بارے میں گفتگو کرنا ضروری ہے.
    کاش ہمارے عوام کسی مسیحا کے انتظار میں چپ چاپ بیٹھے رہنے کی بجائے اپنا کردار ادا کریں.

  5. شب ہو تو گئی رخصت سورج نہیں نکلا ہے
    ممکن ہے کہ سورج کو تاریکی نے نگلا ہے
    اُس عہدِ یزیدی سے اِس عہدِ یزیدی تک
    بدلے ہیں فقط چہرے حاکم نہیں بدلا ہے(صفدر)

  6. مُحترمہ نگہت نسیم بہنا،

    اصل میں بات یہ ہے کہ ،

    جب تلک ہے نظام فرسودہ
    کیسے ہوں گے عوام آسودہ

    کردیا گھر کے پہرے داروں نے
    گھر کا ماحول زہر آلودہ

    جب گھر کے پہرے دار ہی خود چور ہوں گے تو یہ ہی کُچھ ہو گا ، یہ بے بس عوام بھی کیا کرے ، آپ نے بلکل بجا فرمایا کہ، 14 اگست 1947 کو آزدی نہیں ، جاگیر دارانا نظام کی طاق اور بیڑیاں ہماری گردن اور پاؤں میں ڈالی گیں تھیں ،

    لوگ آنکھوں میں لیے وعدائےفردا کے چراغ
    خود کو وقِف راہِ اُمید کیئے جاتے ہیں

    یومِ آزدی پہ ہر سال ہمارے قاٰید
    جانے کس عہد کی تجدید کیے جاتے ہیں

    اور یہ جاگیردار ضمیر فروش جاگیردار بھی کہاں تھے یا ہیں ، یہ تو خود اُس غلامی کی پیداوار ہیں، کل ان کہ باپ دادا اپنا ضمیر بیچ کر جاگیردار بنے تھے ، اور آج یہ ضمیر بیچ کر جاگیر دار بنے ہیں ، اور کل کو ان کی اولاد یہی کے گی ، کرے گی کیا بلکہ کر رہی ہے ، دیکھ لیجئے آج اپنے جاگیردار باپ کے ساتھ بیٹا اُن ہی ممالک کے دوروں پر ہے،پہلے ین ک دادا پر دادا نے اپنوں کا سودا کیا تھا اور اب یہ ہمارا اور ہماری آنے والی نسلوں کا سودا کر رہے ہیں ، اس درخت کی جڑیں بُہت مضبوط ہیں، مگر اس درخت کو جڑ سے اُکھاڑے گا کون ؟ یہ سوچ کر اور دیکھکر دُکھ ہوتا ہے کہ ،

    کل تلک ہم پہ جو مُسلط تھے
    قوم اب تک غُلام ہے اُنکی

    کتنی محدود ہے یہ آزادی
    مُنہ ہمارا لگام ہے اُنکی

    اور واہ کیا خوب کہا آپ نے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پورا ملک ‘‘سیلابی پانی کی آگ‘‘ میں جل گیا ہے۔

    آگ سینے میں لگاتا رہا بہتا پانی

    عشرت قمر عابدی

  7. عشرت جگ جگ جیو ۔۔ خوشیوں میں رہو ۔۔ تمارے آنے سے دل کو بڑی ڈھارس سی ہے ۔۔۔ ملک ہی ہماری پہنچان ہے ۔۔ سوچتی ہوں یہ نہ رہا تو کیا کہونگی کہ میں کون ہوں ۔۔ کہاں سے آئی ہوں ۔۔ میرے بچوں کا کیا ہوگا ۔۔ دل کا کیاکروں ظفر بھائی جو قابو میں نہیں آرہا ۔۔ رہ رہ کر آنکھوں میں جنازے گھوم رہے ہیں ۔۔ اور رہ رہ کر حکمرانوں کی سنگدلی اور بیانات ۔۔۔ یہ سب ہمارے ایمانوں کا امتحان ہے ۔۔۔
    عشرت اپنا خیال رکھنا اور میرا سلام قمر بھائی کو ضرور دینا ۔۔

  8. سائرہ میری پیاری دوست ۔۔ تم نے صحیح کہا کہ اب عوام کو ان بے حس سنگدل زرداروں ۔۔ وڈیروں اور خود ساختہ جلاوطنوں کی بساط الٹ دینی چاہئے ۔۔ یہ سب ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہیں ۔۔

    میری جان جس ملک کا چیف آف دی آرمی سٹاف نے اپنے عہدے کی مدت 3 سال یہ کہہ کر بڑھائی ہو کہ نہ تم مجھے کرسی بدر کروگے اور نہ میں تمہیں ۔۔ اللہ اللہ تے خیر سلا ۔۔۔۔

    جس ملک میں اپنے ہی نجی طیارے کو خود اڑا دیا جائے بغیر تفتیش کہ یہ کون نو گو ایریا میں آگیا ہے ۔۔۔ اس دردناک حادثے کی تفتیش کون کرے گا ۔۔ کون منصف ہوتا ہے اپنا ۔۔۔
    سائرہ اب آنکھوں میں خواب بھی نہیں اترتے ۔۔۔

  9. عالم آرا آپا آپ نے اوباما کی اچھی مثال دی کہ واقعی جب تیل بہاتھا اس نے سارے دورے منسوخ کر دئے تھے ۔۔ لیکن آپا آپ بھی بہت ہی بھولی ہیں وہ تیل تھا ۔۔ انسان تھوڑی تھے ۔۔ جو وہ دورے کرتا رہتا ۔۔۔ تیل تھا ۔۔ ساری دنیا ایک طرف اور تیل ایک طرف ۔۔ دیکھئے اس تیل نے کتنے ملک اجاڑے ہیں ۔۔

  10. آصف آپ کہتے ہیں اللہ تعالی کی سنت ہے کہ وہ کسی بھی قوم کو ایک موقع ضرور دیتا ہے ۔
    بھائی یہ اللہ پاک کا عدل ہے ۔۔ کہ سزا کے طور ایسے نا اہل حکمرانوں کو حاکم بنا دیتا ہے ۔۔

    کاش اس جشن آزادی 14 اگست پر واقعی ہم آزاد ہو جائیں ۔۔

  11. بابایہ سب رونے کو آپ کا کندھاہمیشہ چاھئے ہوتا ہے ۔۔ آپ نے یہ کیا کہہ دیا ممکن ہے کہ سورج کو تاریکی نے نگلا ہے ۔۔
    شمس بھائی ۔۔ ظفر بھائی اور آپ تو ہم سب کی ڈھارس ہیں ۔۔ اللہ سوہنا آپ سب کو ہم سب کے سر پر سائے کی طرح مہربان رکھے ۔۔
    طالب دعا

  12. ’’ کاش اس جشن آزادی 14 اگست پر واقعی ہم آزاد ہو جائیں ‘‘
    ڈاکٹر صاحبہ، آپ کی اس کاش میں کاش ہم سب کی وہ دعائیں بھی شامل ہوجائیں جو صرف دل سے زباں تک ہی آ کر رک جاتی ہیں !
    کوئی بتائے یہ مجھے
    کیا یوم آزادی آج ہے
    کیسا یوم آزادی آج ہے
    ہم جن کے تھے غلام کبھی
    اب بھی انہی کا راج ہے
    کیا یوم آزادی آج ہے
    کیسا یوم آزادی آج ہے

  13. السلام علیکم
    یقینا صبر ہی سب سے بہتر پرہیز ہے ، مگر صبر کے ساتھ ہمیں آگاہی کی دوا بھی لینے ہوگی ۔ دُنیا ہر معاشرے میں رائج نظام کی ایک طبعی عمر ہوتی ہے اور ہمارے معاشرے میں رائج نظام کی طبعی عمر پوری ہونے کو ہے ، یہ چراغ بھجنے سے پہلے پھڑپھڑا رہا ہے ، اِس نظام سے جڑے سب ہی لوگ اِس نظام کے ساتھ ہی معدوم ہو جائینگے ، مجھے یقینا ہے ہمارے شہنشاہ اپنے شہزادے کے لیے جتنے بھی ہاتھ پیر مار لیں ننھا شہزادہ کبھی بھی اُس مقام پر نہیں پہنچ سکے گیا جہاں اُس کی شہزادی ماں تھی یا جہاں اتفاق سے آج اُس کا باپ غاصب ہے ۔
    آصف احمد بھٹی

  14. معروف قلمکار اظہر الحق کالم پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں “ڈاکٹر صاحبہ ، آپ پاکستان واپس آ جائیں ، یہ علاج ہے آپکی “بیماری“ کا ، اتنی حساسیت اچھی نہیں ہے ، پاکستان واپس آئیں اور بے حسی کی “ڈوز“ لیں ، یقین کریں افاقہ ہو گا ، یہ کروڑوں بے حس لوگوں کا ملک بن چکا ہے ، کیسا بھی حادثہ ہو جائے ، کسی کو کوئی اثر ہی نہیں ہوتا ، لوگ مرتے ہیں ، یا مار دئیے جاتے ہیں ، ہمیں انکی کمی کبھی محسوس نہیں ہوتی ، سیاسی جماعتوں کو ایک اور “شہید“ مل جاتا ہے ، نیوز چینل کو ایک ہفتے تک “گھسنے“ کے لئے ایک خبر اور عوام کے لئے کام سے چھٹی ۔ ۔۔ سب خوش ۔۔ ۔ آپ نے شاید نیشنل جیوگرافک میں دیکھا ہو گا کہ جب جانوروں کے ریوڑ کوئی شکار کرتا ہے تو سب بھاگتے ہیں ، اور پھر جب ایک شکار ہو جاتا ہے تو باقی آرام سے “چرنے“ لگتے ہیں ۔ ۔۔ ماشااللہ ہم بھی ایسے ہی ہیں ۔۔ ۔۔ ۔ ہمارے ریوڑ میں روز شکار ہوتا ہے ہم تھوڑی دیر بھاگتے ہیں پھیر “چرنے“ لگتے ہیں ۔ ۔ ۔ ۔۔ میں تو ان حادثات کو وارننگ سمجھتا ہوں قدرت کی ، اور جب وارننگ کو نظر انداز کیا جاتا ہے تو پھر ۔ ۔۔ ۔ فائنل کال آتی ہے ۔۔ ۔ کبھی ہلاکو کی شکل میں اور کبھی ۔ ۔۔ ۔ سونامی کی شکل میں ۔۔ ۔ ۔شاید اب ہمیں فائنل کال کے لئے تیار رہنا چاہیے ۔ ۔۔ اللہ ہم پر رحم کرے (آمین)

  15. اظہر بھائی آپ کے گراں قدر تبصرے کے لئے ممنون ہوں .. بس اب جلدی سے بلاگ پر بھی آ جایئے ..

  16. ڈاکٹر صاحبہ،
    اظہر الحق صاحب نے ملین ڈالر کی بات کی ہے ، لیکن تھوڑی سی وضاحت ضروری ہے کہ جانور تو پھر بھی ریوڑ میں جمع ہو کر چرتے ہیں مگر ہم تو بار بار شکار ہو کے بھی علٰحدہ علٰحدہ ہی رہتے اور مرتے ہیں۔

  17. اسلام علیکم ساتھیو
    ہر رات کے بعد صبح ہے اور ہر طوفان کے بعد سکون ۔ہم سب ہی ان تکلیف دہ حادثات اور واقعات سے دکھی ہیں ۔سب سے زیادہ تکلیف دہ بات کسی بھی مجرم کا نا پکڑا جانا ہے ۔کہتے ہیں ہماری سزائیں بہت سخت ہیں کاش کبھی ایک دفعہ اللہ کے حکم پر عمل کر لیتے کہ وہ سخت سزائیں ایک دو کو ہی اگر دے دیتے تو خون یوں ارزاں نہ ہوتا ۔۔
    اس مالک نے تو ہر برائی کو ختم کرنے کا طریقہ دیا ہے صرف نظر نقصان کا باعث بنتا ہے
    ہمیں اپنی نانی اماں کی بات یاد آتی ہے کہ “ایک وقت ایسا ہوگا کہ نہ مرنے والے کو پتہ ہوگا کہ کیوں مارا اور نہ مارنے والا جانے گا کہ کیوں مارا“
    اس وقت ہم سوچتے تھے کہ یہ سب تو قیامت کے نزدیک ہوگا ؟؟؟؟
    اللہ ہم سب کی اور ہمارے ملک کے باسیوں کی حفاظت کرے اور ہمیں مزید ایسے دکھوں سے بچا لے

  18. السلام علیکم
    محترمہ عالم آرا صاحبہ ، میں ہمیشہ پر اُمید رہتا ہوں ، ہر واقعہ کا مثبت پہلو پہلے دیکھنے کی کوشش کرتا ہوں مگر میرے شہر کے موجودہ حالات نے مجھے پر پریشان کر دیا ہے میں بہت افسردہ ہوں اور آجکل بہت زیادہ حساس ہو گیا ہوں ، شاید اِس لیے کہ میں نے اپنا بچپنا لڑکپن اور جوانے کے ابتدائی تمام عرصہ کراچی میں گزارا ہے پاکستان اور خصوصا کراچی کی محبت میرے لہو میں رچی بسی ہے ، مگر مجھے سمجھ نہیں آتی کہ حکمران کیا کر رہے ہیں ؟ یہ کلعدم تنظمیں ( اگر وہ واقعی موجود ہیں ) تو وہ اُن کے خلاف کروائی کیوں نہیں کر رہے ؟ پورے شہر میں پولیس اور رنجرز کا جال بچھا ہوا ہے اور پھر مدد کے لیے مصطفی کمال صاحب کی تشکیل دی گئی شہری پولیس اور رضا کار بھی موجود ہیں سب مسلح بھی ہیں پھر بھی ؟
    آصف احمد بھٹی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *