مسلمانوں کے دو بنیادی مسلک

محترم منظور قاضی صاحب نے گزشتہ بلاگ میں مجھے تاکید فرمائی کہ میں ایک بلاگ شروع کروں جس کی اساس میری گزشتہ بلاگ میں کہی یہ عرض بنی . . .
ایک عرض ہے میری کہکسی کی کہی بات کی کوئی اہمیت نہیں سوائے اللہ اور اس کے رسول (ص) کی کہی بات کے اور
اللہ کے رسول نے فرمایا کہ “سب مسلمان آپس میں بھائی ہیں”
میں مانوں یا نہ مانوں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، رسول اکرم کی بات اپنی جگہ اٹل ہے، میرے نہ ماننے سے فرق صرف مجھے ہی پڑے گا، میں اس بھائی چارگی کے حلقہ سے باہر نکل جاؤں گا، یعنی مجھے مسلمان کہلوانے کا حق باقی نہ رہ جائے گا-

مجھے کبھی شیعہ سُنی سے کوئی مسئلہ نہ ہوا، نہ ہے اور نہ ہی انشاء اللہ کبھی ہوگا کیوں کہ ہم آپس میں بھائی ہیں-
شیعہ بارہ اماموں کو مانتے ہیں جو سب اہلِ بیتِ رسول کے افراد ہیں،
1- علی ابن ابی طالب(المرتضیٰ)، 2- حسن ابن علی(المجتبیٰ، 3- حسین ابن علی(الشہید)، 4- علی ابن الحسین(زین العابدین) 5- محمد ابن علی(الباقر) 6- جعفر بن محمد(الصادق) 7- موسیٰ ابن جعفر(الکاظم) 8- علی ابن موسیٰ(الرضا) 9- محمد ابن علی(التقی) 10- علی ابن محمد(النقی) 11- حسن ابن علی (العسکری) 12- م ح م د ابن حسن(المہدی) علیہم السلام

اہلِ سنت چار اماموں کو مانتے ہیں جو سب کے سب براہء راست یا بالواسطہ امام جعفر صادق علیہ السلام کے شاگرد رہے ہیں،
1- امام ابو حنیفہ، 2- امام شافعی، 3- امام احمد بن حنبل، 4- امام مالک بن انس رحمۃ اللہ علیہم

مسئلہ ان سب کے ماننے والوں کا نہیں، سنی شیعہ کے تو آج تک بھی آپس میں رشتے ہوتے ہیں شادیاں ہوتی ہیں وغیرہ

مسئلہ ان کا ہے جو ان 16=4+12 ائمہ میں سے کسی کو نہیں مانتے، جن کی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد ہی الگ ہے-
سب سے درخواست ہے کہ اس مسئلہ پر غور کیا جائے، بات کی جائے، بلاگ شروع کیا جائے، مضامین لکھے جائیں وغیرہ کیوں کہ مسئلہ گمبھیر ہے-

محترم قاضی صاحب نے ایک اور نکتہ کی طرف توجہ دلائی جو درج ذیل ہے :
“چودہ سو سال سے یہ موضوع بار بار دہرایا گیا ہے اور ابھی تک اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا”
میری عرض ہے کہ اگرچہ ہم جانتے ہیں کہ
ستیزہ کار رہا ہے ازل سے تا امروز
چراغِ مصطفعی سے شرارِ بولہبی . . .
مگر پھر بھی شیطان سے نبرد آزمائی ہمارا فرضِ اولین ہے، نتیجہ خواہ کچھ بھی نکلے، یا نہ بھی نکلے، یہ اللہ تعالیٰ کا کام ہے، ہماری نظر اپنے فرائض پر رہنی چاہیے-

60 thoughts on “مسلمانوں کے دو بنیادی مسلک”

  1. قمر صاحب

    ہوسکتا ہے ڈاکٹر عافیہ نے MIT سے نیورو سائنس میں PHD کیا ہو جو چوہوں، ڈولفن وغیرہ پر سکتی ہے۔ انسان پر نہیں۔

  2. قاضی صاحب اور مناف صاحب

    شیعہ سنی دو فرقے نہیں ہیں اور فرق صرف فقہ کا ہے۔ یہ درس میں نے علامہ رشید ترابی کی مجالس سے حاصل کیا ہے۔

    “شیعہ سنی دو فرقے نہیں ہیں۔ سارے اہلِ تشیع پہلے اہلِ سنت ہیں اسکے بعد اہلِ تشیع یا جعفری ہیں۔”

    یہ درس میں نے علامہ رشید ترابی کے صاحب زادہ علامہ عقیل ترابی کی مجالس سے حاصل کیا ہے۔

  3. محترم منظور قاضی صاحب!
    ایک بات کئی رُخ سے کی جاسکتی ہے، مختلف انداز میں کہی باتیں ایک دوسرے کے متضاد نظر آنے کے باوجود موافقت بھی رکھ سکتی ہیں، مثلاً ہر انسان جدا ہے، الگ ہے، پھر بھی ہر انسان ایک دوسرے جیسا ہے، دونوں باتیں متضاد ہیں پھر بھی اپنی اپنی جگہ درست ہیں-

    مصباح شاہ صاحب کی کہی بات پر میں کوئی تبصرہ کیسے پیش کروں ؟ جب کہ یہ ایک تاریخی حقیقت ہے، شاہ صاحب کا ارشاد فرمایا ایک ایک لفظ تاریخ کی تمام بنیادی کتب میں درج ہے، میں کیا عرض کروں ؟

    شاید آپ محترم ظفر جعفری صاحب کے جملے
    “سارے اہلِ تشیع “پہلے” اہلِ سنت ہیں اسکے بعد اہلِ تشیع یا جعفری ہیں” . . . اور

    محترم مصباح شاہ صاحب کے جملے
    “جہاں تک لفظ سنی کا تعلق ہے تو اسلام میں اسکی عمر لفظ شیعہ سے کم ہے” . . .

    کے مابین کسی ظاہری تضاد کی بات ارشاد فرما رہے ہیں، تو عرض ہے کہ دونوں باتیں اپنی اپنی جگہ صد در صد درست ہیں، جیسا کہ پہلے بھی عرض کیا ہے کہ ہر بات کے کہے جانے کی بنیاد یعنی اس بات کے پس منظر (یا پیش منظر) یا دیگر تفصیلات کے بغیر اس بات کی مکمل تشریح ممکن نہیں، مختصراً ایک بار پھر اپنی عرض کو دہراتا ہوں کہ

    مصباح شاہ صاحب کی کہی بات ایک تاریخی حقیقت ہے . . . اس سے انکار ممکن نہیں
    محترم ظفر جعفری صاحب کی کہی بات، جو ایک عظیم عالم کے کہے جملے ہیں، بھی سو فی صد درست ہے،
    بات کے اس رخ کے درست ہونے کی، اپنے کم علم کے مطابق اوپر 4 ممکنہ وجوہات پیش کر چکا ہوں

    یہ سب مجھ کم علم کی اپنی ذاتی سوچ ہے- بات کے کئی رُخ اور بھی ممکن ہیں، ہرشخص صرف اپنی کہی بات ہی کا ذمہ دار ہوتا ہے، میں اپنی کم مائیگی کے اعتراف کے ساتھ کسی بھی سہو پر قبل از وقت معذرت خواہ ہوں-
    بہتر سجھتا ہوں کہ محترم مصباح شاہ صاحب بھی اس ضمن میں یہاں کچھ ارشاد فرمائیں-

  4. اگر مسلمانوں میں اتحاد ہو تو ہمیں ساری دنیا ملکر بھی زیر نہیں کرسکتی۔ اگر اختلاف پروان چڑھے گا تو ہم اپنی موت آپ مرجائیں گے۔

  5. محترم و مکرم جناب ظفر جعفری صاحب !
    آپ کی ارشاد فرمائی ہوئی بات اتنی درست ہے کہ دراصل یہ آیاتِ قرانی ہی کی تفسیر کے برابر ہے مثلاً :

    اور تم سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ نہ ڈالو اور تم اللہ کی اس نعمت کو یاد کرو جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے تو اللہ نے تمہارے دلوں میں الفت ڈالی اور اس کی نعمت سے تم آپس میں بھائی بھائی بن گئے اور تم آگ کے گڑھے کے کنارے تک پہنچ گئے تھے کہ اللہ نے تمہیں اس سے بچا لیا، اس طرح اللہ اپنی آیات کھول کر تم سے بیان کرتا ہے تاکہ تم ہدایت پا جاؤ. آل عمران 103

    اور اس بلاگ کا مقصد بھی دراصل یہی ہے،
    لیکن خدا معلوم ہم قران کی آیات کے خلاف ہی کیوں چلتے ہیں

  6. برادارن و بزرگان ذی عز و شرف،
    تسلیمات۔
    اب تک تمام بحث میں شاید ایک ہی پہلو بار بار ابھر کر سامنے آتا رہا ہے کہ شیعہ و سنی کی اصل و حقیقت ایک ہی ہے اور شیعہ ہی حقیقی سُنّی ہیں، یا میرے الفاظ میں کئی سُنّی ہونگے جو حقیقت میں امام علی علیہ السلام کے شیعہ ہونگے۔ بات کم و بیش ایک ہی اب تک ہوتی رہی ہے، صرف اندازِ بیان کا اختلاف ہے اور اسی قسم کے اختلاف کے لئے اختلاف ُ امّتی رحمت کی سند زبان وحی ترجمان سے امت کو عطا کی گئی۔ تاہم احتیاط کی ضرورت تب پڑتی ہے جب اختلاف کو انتشار بنا دیا جائے اور عقائد کا تحفظ انکی پرستش کی طرف نکل جائے۔ پھر ہمارے مابین کلمہء لا الہ الااللہ محمد رسول اللہ پس پُشت جا پڑتا ہے اور ہمارے ذاتی عقائد و نظریات کے انتشار کے سبب سے کلمہء توحید بھی ہمیں مجتمع نہیں رکھ پاتا۔ یہی لمحہء فکریہ ہے جہاں قرآن یہ کہتا سنائی دیتا ہے کہ قُلْ يَا اھلَ الْكِتَابِ تَعَالَوْاْ الَى كَلَمت سَوَاء بَيْنَنَا وَبَيْنَكُمْ اَلاَّ نَعْبُدَ الاَّ اللّہ وَلاَ نُشْرِكَ بِہ شَيْئًا۔۔۔الخ( العمران ٦٤) کہ اے رسول (ص) ان ہل کتاب سے کہیئے کہ (تمام جھگڑے چھوڑو) اور جو کچھ ہمارے تمہارے مابین مشترک ہے اس پر آ جاؤ کہ ہم سب اللہ کے سوا کسی کی نہیں عبادت کرتے اور کسی کو اسکا شریک نہیں ٹھہراتے۔
    یعنی قرآن کی نظر میں تو اشتارک عبادت پر لاالہ الا اللہ ہی امم اہل کتاب ہے درمیان اختلافات مٹانے کا ایک سبب بن سکتا ہے، لیکن ہم لوگ محمد رسول اللہ پڑھ کر بھی اپنے اپنے نظریات کو باعث انتشار قرار دے دیتے ہیں۔ الحمد للہ کہ یہاں اس فورم پر ہم سب اپنے اختلافات کے ساتھ ہی جی رہے ہیں لیکن ان کو انتشار و فساد کا سبب نہیں بننے دیتے۔ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں ہے کہ اہل اسلام کو ٧٣ فرائق میں میں منقسم ہونا ہے اور ان میں سے صرف ایک فرقہ ناجی (نجات دہندہ) ہوگا۔ اس حقیقت سے انکار اس لئے ممکن نہیں کیونکہ کہ یہ نوشتہء تقدیر ہے جسکی خبر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم خود دے گئے۔ کتب احادیث میں یہ روایت متواتر ہے سوائے اس اختلاف کے کہ بعض نے بہتر فرقے بھی لکھا۔ پھر حضور نے فرمایا کہ صرف وہی جماعت جنتی ہوگی جو اس پر ہے جس پر میں اور میرے ساتھی ہیں۔ حضور پاک (ص) نے کہیں نہیں فرمایا کہ جو فرقہ ٹھیک ہوگا وہ باقی بہتر کے ساتھ لڑائی فساد کرے گا یا سب کا کافر جانے گا۔ سبھی کو مسلمانوں کے فرقے ہی مانا گیا ہے۔ ناجی ہونے کے لئے صرف جس چیز کی ضرورت ہے وہ یہ کہ قرآن اور عقل کی کسوٹی پر اس کو پانے کی کوشش کی جائے جس پر رسول اللہ اور انکے اہل تھے، نہ کہ باقیوں کی کسی ٹھکائی کی ضرورت ہے۔
    اگر ہم سب اسوہء رسول پانے کی سعی کریں تو یقیناً نجات آسان رہے گی۔ فقہی اختلافات ہمارے درمیان موجود ہیں اور اس حقیقت کا انکار ممکن نہیں کہ ہم سب فرقوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ اگر سنی و شیعہ ایک ہی ہیں تو پھر باقی فرقے ہم کہاں سے لا سکتے ہیں۔ شیعہ بھی فرقہ بندی کا شکار ہیں اور اہل السنہ ولجماعت چار مجتہد آئمہ کی تقلید میں پہلے چار فرقوں میں منقسم تھے، جن میں اب بریلوی، وہابی، سلفی، دیوبندی، چکڑالوی وغیرہ اہل شریعت کے طبقے ہیں جبکہ طریقت کی گنتی طویل تر ہے جس میں قادری، چشتی،مودودیہ، نقش بندیہ، سہروردیہ، اور اویسیہ سمیت بیسیوں سلسلے شامل ہیں۔ اہل طریقت و تصوف اور اہل شریعت میں فرق یہی ہے کہ اہل شریعت جلد ہی کفر کے فتوے اور مار پٹائی پر اتر آتے اور ظاہر بین آنکھ سے ظاہر کو ہی درست کرنا حق جانتے ہیں، جبکہ اہل تصوف تمام تر اختلاف کے باوجود محبت کے ساتھ اپنے وظیفے پر کاربند رہنے کی تلقین کرتے ہیں اور ظاہر کی بجائے روح کی تربیت پر توجہات مرکوز رکھتے ہیں۔
    درست ہے کہ مسلمانوں کے بنیادی فرقے دو ہی ہیں جنکا بنیادی اختلاف ترتیب خلفائے رسول پر ہے، اور اب جتنے بھی فرقے وجود میں آ چکے ہیں وہ شیعہ و سنی کی ذیلی پیداوار ہیں۔ حُسن یہی ہے کہ ہم جس کو بھی حق جانیں، اس سے کما حقہ مربوط ہو جائیں اور اختلاف رائے کو رائے سے آگے نہ بڑھنے دیں اور اپنے عقائدکو ظاہر کی بجائے روح و جان تک اتارنے کی کوشش کریں، اور دوسروں کے بھی ظاہر کی بجائے باطنی حسن کے لئے حُسن ظن رکھیں۔

    میرے خیال سے اس اجہل نے اب تک کی تمام بحث کو سمیٹ لینے کی مکمل کوشش کی ہے اور نتیجہ یہی ہے کہ ہم مختلف ہیں مگر متفق ہیں اور منتشر و مفسد نہیں ہیں۔ خدا ہم سب کو دینِ حق سمجھنے اور اس پر عمل کو توفیق دے۔
    میری تمام مہربانوں سے درخواست ہے کہ اس ضمن میں مزید کسی بھی بحث سے اجتناب کرتے ہوئے مناف بھائی کو درخواست کریں کہ اس بحث کو اپنے اختتامی کلمات سے سمیٹ کر یہ باب بند کر دیں۔
    نا چیز

  7. مصباح بھائی کے اس جامعہ تبصرے کے بعد میں سمجھتی ہوں کہ بلاگ اپنے منطقی انجام کوپہنچ چکا ہے .. مناف بھائی سے مودبانہ درخواست ہے کہ اس موضوع کو اپنے اختتامی کلمات سے سمیٹ کر ہمیں بلاگ بند کرنے کی اجازت دے دیں ..شکریہ

  8. مصباح شاہ صاحب کے اس سلسلہ میں پہلے اور آخری تبصرہ کے بعد اب یقیناً مزید کی گنجائش نہیں رہ گئی ہے،
    محترم کے درج ذیل جملوں ہی کو میں اس بلاگ کا حرفِ آخر سمجھتا ہوں :

    “شیعہ ہی حقیقی سُنّی ہیں، یا میرے الفاظ میں کئی سُنّی ہونگے جو حقیقت میں امام علی علیہ السلام کے شیعہ ہونگے” . . . اور
    “ہم مختلف ہیں مگر متفق ہیں اور منتشر و مفسد نہیں ہیں-”

    آخر میں شاہ صاحب ہی کی دُعا کو دہراتا بھی ہوں اور آمین بھی کہتا ہوں

    “خدا ہم سب کو دینِ حق سمجھنے اور اس پر عمل کو توفیق دے۔”
    آمین، الٰہی آمین-

  9. کیا یہ ایک مستند حدیث ہے کہ مسلمانوں میں73 فرقے ہونگے اور یہ کہ ان میں سے صرف ایک فرقہ جنت میں جائے گا ؟

    کیا یہ صحیح ہے نیک اعمال کرنے والے بہت سے منکر و مشرک بھی جنت میں جائیں گے۔

    اگر یہ بات صحیح ہے تو پھر اُن نیک اعمال مسلمانوں کا کیا انجام ہوگا جنکا تعلق باقی کے72 فرقوں سے تھا۔

Comments are closed.