مراسلہ نگاری بمقابلہ بلاگ نگاری

بہن ڈاکٹر نسیم کا بلاگ پڑھ کر دیر تک یہ سوچتا رہا کہ ہم آج تک یہ سمجھتے ہیں کہ جن خطوط میں معاشرتی حالات و کوئف کی عکاسی کی جاتی ہے ، انھیں ہم دستاویزی اہمیت دیتے ہیں اور اس کے اسلوب و انداز کے پیش نظر اسے ادب کے اہم سرمائے میں شامل کرتے ہیں۔ اسی لیے حالی ، شبلی اور اقبال جیسے بلند قامت ادیبوں کے خطوط کا ہم ہر جگہ حوالہ دیتے ہیں ۔ لیکن کیا آج کے دور میں بھی خطوط کا رواج موجود ہے؟ کیا آج بھی خطوط لکھنے کی روایت اتنی ہی مستحکم ہے؟
یہ بڑا سوال ہے جو قارئین کی خدمت میں پیش ہے امید ہے کچھ روشنی ملے گی۔
لیکن میں یہ بھی سوچتاہوں کہ ہم برقی دور میں جی رہے ہیں اور برقی وسائل نہ صرف ہماری زندگی کے ناگزیر وسائل بن گئے ہیں بلکہ یہ وسائل ہمارے بہت سے ذرائع اور سرمائے کے مقابلے کھڑے ہوگئے ہیں ! اب خطوط نگاری کی جگہ ای میل نے لے لی ہے اور بلاگ تو اس سے آگے کا ایک قدم ہے اور آنے والے دنوں میں خطوط کی اشاعت کی طرح یا اس کے بجائے بلاگ کے منتخب حصے ہمارے لیے دستاویزی اور ادبی اہمیت کے حامل ہونے والے ہیں ۔کیونکہ ای میل تو پاس ورڈ کی وجہ سے دو لوگوں کی ملکیت بن جاتی ہے لیکن بلاگ کئی لوگوں کے بے تکلف اظہار خیال کا مجموعہ ہے ۔
میرا یہ ماننا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب ؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟ آپ کے خیالات کا منتظر

18 thoughts on “مراسلہ نگاری بمقابلہ بلاگ نگاری”

  1. داکٹر صاحب ۔ بہت دلچسپ پہلو آپ نے اجا گر کیا ہے ۔ مگر پہلے تو یہ تھا کہ لکھنے والے بہت کم تھے اور وہ قومی ہیرو کا درجہ رکھتے اب صورت ِ حال یہ ہے کہ اتنے لکھنے والے اور شاعر ہیں کہ انکی گنتی اور نام بھی نہیں معلوم اور بلاگ تو اب اتنے ہیں کہ جو کچھ دنوں میں شاعروں سے بھی زیادہ ہو جا ئیں گا لہذا ان کو پڑھنا اور یاد رکھنا ۔ بہت مشکل کام ہے ۔ صرف وہ بلاگ محفوظ رکھے جا سکتے ہیں جو کہ بہت اہم ہیں جیسے کہ ایک مرتبہ ہمارے بزرگ جناب منظور قاضی صا حب نےمحرم کے بلا گ کو محفوظ کر نے کے لیئے یہاں تجویز رکھی تھی ۔ یا پھر جیسے جنگ وغیرہ ہیں جہاں امن کی آشا جیسا بلاگ چل رہا چھوٹے بلاگ والے تو بیچا رے اتنی جگہ ہی نہیں رکھتے جو اچھی تحریروں کو محفوط رکھ سکیں لہذا جو لوگ وہاں لکھتے ہیں وہ تو کچھ عرصے کے بعد وہ صفحہ وہاں سے مٹا دیا جاتا ہے۔ اب یہ آپ ہی بتا ئیے اس کا حل کیا ہو ؟

  2. اسلام علیکم محترم ڈاکٹر خواجہ اکرام صاحب اور محترم شمس جیلانی بھائی ،
    بہت اہم موضوع ہے اور بہت ہی سوچنے والی بات ۔
    بقول شمس بھائی ،‘ مگر پہلے تو یہ تھا کہ لکھنے والے بہت کم تھے اور وہ قومی ہیرو کا درجہ رکھتے اب صورت ِ حال یہ ہے کہ اتنے لکھنے والے اور شاعر ہیں کہ انکی گنتی اور نام بھی نہیں معلوم اور بلاگ تو اب اتنے ہیں کہ جو کچھ دنوں میں شاعروں سے بھی زیادہ ہو جا ئیں گا لہذا ان کو پڑھنا اور یاد رکھنا ۔ بہت مشکل کام ہے ۔‘
    میرے خیال میں یہ ایک لمحہ فکریہ ہے ۔
    لیکن اچھی تحریروں کو محفو ظ ضرور ہونا چاہئے ۔کہ وہ ادبی سرمایہ ہیں ۔
    میری رائے میں اگر ایک ایسی سائٹ بنا لی جائے جس میں اچھی تحریریں محفوظ کر لی جائیں چاہے وہ کسی کی بھی لکھی ہوئی ہوں تو ایک ٹیلی بُک بنائی جا سکتی ہے ۔
    بلاگ واقعئی ایک زریعہ ہے اپنی بات کہنے اور دوسرے کے بے لاگ تبصرے سے اس کی اہمیت جاننے کا ،اس لئے اچھے تبصرے اور بلاگ ضرور محفوظ رہنے چاہئیں ۔
    عالم اآرا
    وینکور

  3. ڈاکٹر خواجہ اکرم سے کافی حد تک متعفق ہوں! بلاگز کو مستقبل میں ماضی کے اپس دور کے عام عوام کے خیالات جاننے کا حالات سے واقفیت کا ذریعہ جانا جائے گا اور اپن کی یوں ادبی و سیاسی اہمیت بنتی جا رہی ہے۔
    جو دوست احباب بلاگ پڑھنے کی عادت میں مبتلا ہیں وہ جان ستکتے ہیں کہ کہیں بلاگ نگاروں نے اپنے اپنے مخصوس موضوع پر وہ کمال حاصل کیا ہے کہ بڑے ادارء ہی کیا حکومتیں بھی اس بات پر مجبور ہین کہ اُن کے بلاگ پع نظر رکے۔ نیز خواہ تعداد کتنی ہی کیوں نہ ہو جائے معیار بہرحال لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیتا ہے لہذا اگر کسی غیر معروف بلاگ پر کوئی عمدہ تحریر ہوں تو وہ انٹرنیت کی دنیا میں کافی تیزی سے مختلف طریقوں سے خود کو نوٹس کروا لیتی ہے! خاص کر وہ جس خاص موضوع کے لوگوں کے لئِے اہمیت رکھتی ہے اُن تک درست حوالے کے ساتھ پہنچ جاتی ہے ہاں کبھی یہ عمل سست ہوتا ہے اور کبھی کافی تیز۔

  4. السلام علیکم
    ڈاکٹر خواجہ اکرم صاحب ، آپ نے بلکل درست فرمایا ، اب ’’ غالب کے خطوط‘‘ کا زمانہ گزر گیا ، اب شاید کوئی نیا ’’ جاوید نامہ ‘‘ مگر کل کی نسل شاید سیکھنے اور سمجھے کے ارادے سے ہمارے آج کے بلاگز سے اقتباسات کر سکتے ہیں جیسے ہم اور ہمارے بڑوں نے اپنے بزرگوں کے خطوط سنبھال رکھے ہیں ۔
    آصف احمد بھٹی

  5. شکریہ آپ لوگوں کی قیمتی آرا کا ۔
    بات یہ ہےکہ اب ہمیں اس کا بھی خطرہ نہیں رہا بقول غالب:
    بن گیا رقیب آخر تھا جو راز داں اپنا
    زمانہ بدل گیا ہے ترسیل کے وسائل بدل گئے ہیں ۔ اس لیے اب وقت آگیا ہے کہ ہم جدید وسائل جو مستقبل کے حوالے ببننے والے ہیں انھیں سنجوگ کر رکھا جائے۔ پہل ہمیں کرنی چاہئے۔ محترمہ عالم آرا کی جو تجویز ہے وہ بھی بہت مناسب ہے کہ ہم ٹیلی بُک کی سمت میں پیش رفت کریں اور ممکن ہو تو اب تک عالمی اخبار میں جو بلاگ شائع ہوئے ہیں ان کے اہم اقتباسات کو موضوع، اسلوب اورمسائل کے اعتبار سے ترتیب دیں اور اسے الگ ایک گوشے میں شائع کریں ، بات رواج دینے کی ہے اگر یہ بھی کر سکیں کہ سو صفحات پر مبنی بلاگ کی تحریروں کو کتابی شکل دے سکیں تو میرا خیال ہے یہ بھی ایک اہم پپہل ہوگی اورلوگ اس طرح بلاگ کی تحریروں کو محفوظ رکھنے کی فکر کریں گے۔ آخر یہ بھی تو آنے والی نسل کے لیے ایک سرمایہ ہوسکتا ہے ، سرمایہ نہ سہی ہمارے ذہن و اسلوب کو سمجھنے کا ایک ذریعہ تو ہوسکتا ہے ۔
    رہی یہ بات جیسا کہ محترم شمس جیلانی صاحب نے کہی ہے کہ ’’ پہلے تو یہ تھا کہ لکھنے والے بہت کم تھے اور وہ قومی ہیرو کا درجہ رکھتے اب صورت ِ حال یہ ہے کہ اتنے لکھنے والے اور شاعر ہیں کہ انکی گنتی اور نام بھی نہیں معلوم اور بلاگ تو اب اتنے ہیں کہ جو کچھ دنوں میں شاعروں سے بھی زیادہ ہو جا ئیں گا لہذا ان کو پڑھنا اور یاد رکھنا ۔ بہت مشکل کام ہے ۔‘‘ تومجھےیہ عرض کرنا ہے کہ اگر اس زمانے میں بلاگ لکھنے والے زیادہ ہیں تو یہ آج کے دور کی خصوصیت ہے۔ پہلے لکھنے پڑھنے والے کم تھے ، تعلیم کا رواج کم تھا ، آج بیداری کا دور ہے اور ہر ملک کی ترقی شرح تعلیم سے جڑی ہوئی ہے اس لیے ہر طرف لکھنے پڑھنے والوں کی دھوم ہے ۔جہاں تک قومی ہیرو کی بات ہے تو آج بھی قومی ہیرو موجود ہیں لیکن اُس دور میں ہیرو پرستی کا جو چلن تھا و ہ آج نہیں ہے ۔ ہیرو تو بہت ہیں لیکن اپنے محدود دائرے میں مقید ہیں ۔ تو ہم یوں بھی اس حقیقت کے پیش نظر ایسے ہیروز کی درجہ بندی کرسکتے ہیں ۔
    اب کی تفصیلات اور تبصرے سے یہ تو ظاہر ہو رہا ہے کہ بلاگ کی اہمیت تو بہر کیف مسلم ہوچکی ہے اور ان کا نوٹس بھی لیا جاتا ہے ۔ اس لیے کچھ تو سوچنا ہے اور احباب ہی بتائیں گے۔

  6. عالمی اخبارسے میری دل وجان سے وابستگی کا سبب قائد اعظم محمد جناح کےاسم گرامی اور جائے پیدائش کےحوالےسےشائع ہونےوالا ایک پرتحقیق، پرمغزبحث ومباحثہ سے بھرپوربلاگ تھاجس میں ایسی معلومات ،اور علم کےموتی موجود تھےکہ پڑھ کردل عش عش کراٹھا۔۔
    ۔اس بلاگ کو پڑھ کر میرے دل میں یہ خواہش پیداہوئی کہ اسے کسی طرح محفوظ کرلیاجائے،یہ تو خاصے کی چیزہے۔۔۔صرف اسی بلاگ کی وجہ سے میرے دل عالمی اخبارکی ایسی قدرومنزلت بڑھی کہ آج بھی اسے وزٹ کرتےہوئےعلم کی تلاش اور سیکھنےکی جستجو کا جذبہ ہمیشہ موجود رہتاہے۔۔
    ۔عالمی اخبارمیں ہر بلاگ بامقصد اور معنی خیزہوتاہے۔۔الحمداللہ میں اپنے سینئرزکی علمی گفتگو سے بہت فائدہ بہرہ مندہوتاہوں
    ۔بےشک یہ تمام باتیں ،،مکالمے،،خیالات وجذبات محفوظ کئے جانےکےقابل ہیں

  7. ایسے مواقع پر مجھے نادیہ بتول بخاری صاحبہ اور سیدہ ماریہ علی کاظمی صاحبہ کے بلاگوں کی اور تبصروں کی بے حد کمی محسوس ہوتی ہے۔
    اور ساتھ ہی ساتھ عرشی صاحبہ کے کلام کی بھی کافی کمی محسوس ہوتی ہے ۔

    اللہ سے یہی دعا ہے کہ یہ تینوں جہاں بھی رہیں خوش رہیں ۔ اور کبھی کبھی عالمی اخبار کے بلاگوں کو اپنے تحریر سے رونق بخشیں ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔

  8. میرے محترم شمس جیلانی صاحب نے صحیح فرمایا کہ اس سال “ محرم پر لکھا گیا بلاگ “ اس قدر تاریخی اور مقدس تھا کہ میں نے عالمی اخبار کی انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ اسے محفوظ رکھا جائے تاکہ آنے والی نسلیں اس سے فائدہ اٹھا سکیں ۔
    ۔۔۔
    ایسے بلاگ بہت کم پڑھنے میں آتے ہیں ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    حال ہی میں جاوید اقبال کیانی صاحب نے میرے بلاگ میں اس قدر کمال کے ساتھ پرویز مشرف کے عروج و زوال اور اسکے پھر سیاست کے اسٹیج پر نمودار ہونے پر انتہائی دلچسپ تبصرے لکھے جو بذاتِ خود اس بلا گ کی جان ہیں اور ان تبصروں کے مجموعوں کو ایک کالم یا مضمون کی شکل میں محفوظ رکھا چاسکتاہے۔

    ۔۔۔۔۔۔
    مشکل یہ ہے کہ جب سے بلاگ نویسی کا سلسلہ شروع ہوا ہے میں زیادہ تر بلاگوں ہی پر اپنی توجہ مرکوز کرتا ہوں ۔ مجھے کالموں اور عالمی خبروں کو پڑھنے سے زیادہ بلاگوں کے مطالعہ اور ان پر تبصرے کرنے میں لطف آنے لگا ہے ۔ ۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    مجھے بلاگ نگاری اس لیے بھی زیادہ پسند ہے کہ اس میں قارئین کے ساتھ مکالمو ں کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے جو کالم نگاری میں اتنی آزادی سے نہیں ہوتا ۔ کالم نگاری کے بعد اپنا تبصرہ لکھنے کا موقع تو ضرور ملتا ہے مگر اس میں “ چوپال “ کی سی وہ کیفیت نہیں ہوتی جو بلاگ نگاری میں ہوتی ہے ۔

    بلاگ نگاری پر کسی کا یہ شعر یا د آتا ہے کہ :
    کل جگ نہیں کرجگ ہے یا ں دن کو دے اور رات لے
    نیکی کا بدلہ نیک ہے بد سے بدی کی بات لے

    جیسے ہی کسی نے کوئی بلاگ اپنے دماغ سے عالمی اخبار کے صفحات میں منتقل کیا وہ بلاگ قارئین سے یہ کہتا ہے کہ “ تبصرہ ارسال کریں “ یا “ جواب دیں “ اور پھر مکالمہ شروع ہوجاتاہے جس میں ہر قاری اپنے اپنے انداز میں اپنا ردِ عمل لکھدیتا ہے (جو بعض اوقات نظر ثانی اور نظر ثالث کے حذف کا شکار بھی ہوجاتا ہے ) اورکبھی وہ شایع بھی ہوجاتا ہے ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    بلاگ نگاری کا کمال یہ ہے کہ یہ ایک درس گاہ کی طرح تمام بلاگ لکھنے والوں اور مبصروں کے ادبی صلاحیتوں کی تربیت کا بھی ذریعہ بن جاتا ہے ۔۔

    میں ڈاکٹر خواجہ اکرام صاحب کے اس بلاگ کو بھی ایک درس گاہ کا درجہ دیتا ہوں ۔

    میں بھی اس رائے کی تائید کرتا ہوں کہ اچھے اچھے بلاگوں کو آئیندہ لکھنے والوںکی رہنمائی اور تحقیق وغیرہ کے لیے محفوظ رکھا جائے ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    مجھے یہ بات یہاں کہنے میں خوشی محسوس ہوتی ہے کہ میرا قابل اجمیری مرحوم پر شایع شدہ پچھلے سال کا بلاگ اس سال ظفر قابل ( قابل اجمیری مرحوم کے اکلوتے فرزند ) کی نظر سے گذرا اور اس کی وجہ سے اس سال ظفر قابل صاحب نے سید مصباح حسین جیلانی صاحب کو ایک نیا بلاگ شروع کرنے کی درخواست کی اور قابل اجمیری مرحوم کے کلام پر اور پھر محسن بھوپالی مرحوم کے کلام پر بلاگوں کے لکھنے کا سلسلہ شروع ہوا ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    یہ بات میں صرف ایک مثال کے طور پر پیش کررہا ہوں ۔

    فقط:
    منظور قاضی
    جرمنی سے

  9. میں محترم منظور قاضی کی بات سے متفق ہوں کہ اکثر لوگوں کو بالگ پڑھنے میں اس لیے مزہ آتا ہے کیونکہ یہ مکالمے اور رابطے کی صورت پیدا کرتے ہیں ۔ میرا خیال ہے کہ عالمی اخبار کے منتخب بلاگس کو کسی نمائیدہ جگہ محفوظ کرنے کی کوشش کی جانی چایئے۔

  10. میں ڈاکٹر خواجہ اکرام صاحب کی اس بات سے متفق ہوں کہ :
    “ میرا خیال ہے کہ عالمی اخبار کے منتخب بلاگس کو کسی نمائیدہ جگہ محفوظ کرنے کی کوشش کی جانی چایئے۔“
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    میری ان سےاور دوسرےتمام بلاگ نویسوں سے یہی درخواست ہے کہ وہ بلاگوں کو محفو ظ کرنے کا کوئی طریقہ اس بلاگ میں لکھدیں تاکہ عالمی اخبار کی انتظامیہ شائد اس طریقہ کو اپنائے اور خاص خاص بلاگ محفوظ کردیے جائیں :

    ایک طریقہ تو یہ بھی ہے کہ بلاگوں کو انکے موضوع کے مطابق محفو ظ کیا جائے
    مگر بہت سارے بلاگو ں کے عنوانات موضوع کی غمازی نہیں کرتے اس لیے بلاگوں کو محفو ظ کرنے والی ہستی ان بلاگوں کو موضوعا ت کے مطابق محفو ظ نہیں رکھ سکے گی ۔
    ۔۔۔۔۔۔
    دوسرا طریقہ یہ بھی ہے کہ شاعری کے سیکشن کی طرح ، بلاگ نویس کے نام پر اس کے تمام بلاگ محفو ظ کردیے جائیں ۔
    شاعری کے سیکشن میں شاعر یا شاعرہ کےنام ہی پر سب کا اپنا اپنا کلام ایک جگہ موجود ہوتا ہے ۔

    اس لیے اگر صفدر ھمدانی صاحب کے لکھے ہوئے تمام بلاگ ایک جگہ موجود ہوں اور ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کے لکھے ہوئے تمام بلاگ ایک جگہ موجود ہوں اور اسی طرح جاوید اقبال کیانی صاحب اور دوسرے بلاگ نگاروں کے ناموں کے ساتھ ان کے لکھے ہوئے تمام موجود ہوں تو آنے والی نسلوں کو ان بلاگ نویسوں کے بلاگوں کو پڑھنے میں آسانی محسوس ہوگی ۔ ( جس طرح اب ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے بھی اپنے تمام بلاگوں کا یکجا کرکے کتابی شکل دینے کا منصوبہ ظاہر کیا ہے ) ۔

    اس طریقہ پر عمل کرنےسے ہر ایک بلاگ نویس اپنے اپنے بلاگوں کو ایک کتابی شکل دے سکے گا ( گی ) ۔

    اس طریقہ پر عمل کرتے وقت بلاگوں کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا جاسکے گا ۔ یعنی میرے تمام بلاگ جن میں شعرا یا شاعرات کا کلام موجود ہے ان سب کی شناخت کی جاسکے گی اور وہ تمام بلاگ جن کا موضوع کوئی سیاسی یا سماجی قسم کا ہو ان کی بھی نشاندہی کی جاسکے گی ۔ اس طرح میرے وہ تمام بلاگ جن کو میں نے شعرا یعنی قمر جلالوی ، ظفر جعفری ، طارق ہاشمی ، محسن بھوپالی ، اقبال اجمیری اور محسن نقوی اور محسن احسان وغیرہ وغیرہ پر لکھے ہیں وہ آسانی سے پہچانےجاسکینگے ۔

    مگر میرے دوسرے بلا گ جن میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان وغیرہ کا تذکرہ ہے یا وہ بلاگ جن میں نعتیہ کلام موجود ہے ان کی بھی نشاندہی ہوسکے گی ۔

    اسی طرح ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کےوہ تمام بلاگ جو انہوں نے محرم کےمہینے میں لکھے وہ بھی آسانی سے پڑھے جاسکینگے ۔
    ۔۔۔۔۔۔
    یہ تھا میرا مشورہ جس پر عمل کرکے قابل ِ مطالعہ بلاگ ہمیشہ کے لیے محفو ظ کئے جاسکینگے ۔

    ورنہ یہ تمام بلاگ شائد ہمیشہ کے لیے نظر سے اوجھل ہوجائینگے
    ۔۔۔۔۔۔
    ممکن ہے کہ شیخ امجد صاحب اور زرقا مفتی صاحبہ اس سلسلے میں کوئی فنی مشورہ دے سکیں ۔

    ۔۔۔۔۔۔

    ڈاکٹر خواجہ اکرام صاحب نے یہ بروقت موضوع چھیڑا ہے جس پر عمل کرنے سے سب کا بھلا ہوگا ۔
    غالب کے خطوط ، صحرا نورد کے خطوط اور دوسرے ادیبوں اور شاعروں کے خطوط کو تو مورخوں نے محفوظ کردیا مگر اب بلاگوں کو محفوظ کرنے کا وقت آگیا ہے ۔

    بلاگوں کو بھی اسی طرح محفو ظ کیا جاسکتا ہے جس طرح کالم نویسوں کے کالموں کو محفوظ کیا جاتا ہے ۔ مجھے علم ہے کہ مجتبی حسین کےکالم کتابی شکل میں جناب حسن چشتی صاحب نےمحفو ظ کردیے ہیں ۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    مجھے خوشی ہے کہ کم از کم ڈاکٹر خواجہ اکرام صاحب نے اس طرف بروقت توجہ دلائی ۔

    دیکھتا ہوں کہ دنیا ئے اردو اس سلسلہ میں کیا کرتی ہے :
    فقط:
    ایک بلاگ نویس
    منظور قاضی
    جرمنی سے

  11. ڈاکٹر خواجہ اکرام صاحب شائد اپنی گونا گوں مصروفیات کی وجہ سے اپنےبلاگ پر کچھ زیادہ وقت اور توجہ نہیں دیتے ۔ اس لیے یہ انتہائی اہم بلاگ صرف دس تبصرون تک محدود ہوگیا ہے۔

    میں اس میں آج جون 2009 کے بلاگ کی مثال شامل کررہا ہوں جسے نایاب صاحب نے بڑی مشکل سے ڈھونڈ کر اکتوبر 2010 کو نکالا اور اس میں انہوں نے اپنا ایک سوال بھی شامل کردیا کہ فیض کی غزل کے ایک شعر کی تشریح چاہئے ۔

    میں نایاب صاحب کی پوری کی پوری تحریر اور میرا جواب اس بلاگ میں بھی شامل کررہا ہوں تاکہ یہ ثابت کرسکوں کی بلاگوں کو محفوظ رکھنے سے ہر ایک محقق کو ان بلاگوں کو کسی ایک جگہ ( بلاگ نویس کے نام کے ساتھ ) پر اپنا پسندیدہ بلاگ پڑھنے اور اس پر تبصرہ کرنے یا اس کی کسی بات پر خیال اور رائے ظاہر کرنے کی آزادی حاصل ہوجائے۔

    نایاب صاحب کا سوال اور میرا جواب پیش خدمت ہے:

    منظور قاضی نے کہا ہے:
    October 15, 2010 بوقت 4:39 pm
    میں اپنا ایک نیا بلاگ شرو ع کرنے کی بجائے محترم نایاب صاحب کا یہ تبصرہ جسے انہوں نے میرے جون 2009 کے ختم شدہ بلاگ بعنوان بیت بازی میں آج 15اکتوبر 2010 کو شامل کیا، اس بلاگ میں شایع کرنے کی جسارت کررہا ہوں .اس لیے کہ یہ سوال آصف احمد بھٹی صاحب کے موجودہ بلاگ جس کا عنوان ” شاعری میں محاوروں کا استعمال ” ہے ، سے کافی ہم آہنگی رکھتا ہے .
    نایاب صاحب کے سوال کا جواب تو میں اپنے مذکورہ بالا بلاگ میں لکھ چکا ہوں مگر اردو کے شیدائیوں کے لیے اس بلاگ میں بھی منتقل کررہا ہوںِ: اگر پسند نہ ائےتو پڑھکر یا پڑھے بغیر مسترد کردیجیے.
    :

    129. نایاب نے کہا ہے:
    October 15, 2010 بوقت 11:39 am

    السلام علیکم
    محترم اراکین محفل
    اللہ آپ سب پر سدا مہربان رہے ۔ آمین
    سنا ہے کہ ڈھونڈے سے خدا مل جاتا ہے ۔
    سو اپنی غرض کو ڈھونڈتے ڈھونڈتے آپ صاحبان ذوق کی محفل تک آ پہنچا ۔
    محترم فیض احمد فیض جی کے اس شعر نے الجھایا ہوا ہے ۔
    نہ گنواؤ ناوکِ نیم کش، دلِ ریزہ ریزہ گنوادیا
    جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو، تنِ داغ داغ لُٹادیا
    اس شعر میں “““ ناوکِ نیم کش، “““ سے کیا مراد ہے ؟
    اس کا لفظی ترجمہ کیا ہو گا۔؟
    توجہ سے نوازنے پر آپ سب کا پیشگی شکریہ
    نایاب

    ………………………………….
    میرا جوابی تبصرہ حاضر ہے:

    130. منظور قاضی نے کہا ہے: آپ کا تبصرہ ابھی نظرثانی کا منتظر ہے.
    October 15, 2010 بوقت 4:25 pm

    نایاب صاحب کی جستجو کا شکریہ کہ انہوں نے ڈھونڈتے ڈھونڈتے جولائی 2009 کا یہ بلاگ آج 15 اکتوبر 2010 کو آخر پا ہی لیا.
    نایاب صاحب نے ناوکِ نیم کش کا مطلب پوچھا ہے جسے فیض نے اپنی اس غزل کے مطلع میں استعمال کیا :
    نہ گنواو ناوک نیم کش دل ریزہ ریزہ گنوادیا
    جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو تنِ داغ داغ لُٹا دیا

    مرے چارہ گر کو نوید ہو صفِ دشمناں کو خبر کرو
    جو وہ قرض رکھتےتھے جان پر وہ حساب آن چُکا دیا

    کرو کچ جبیں پہ سرِِ کفن مرے قاتلوں کو گماں نہ ہو
    کہ غرورِ عشق کا بانکپن پسِ مرگ ہم نے بھلا دیا

    اُدھر ایک حرف کہ کُشتنی یہاں لاکھ عذر تھا گفتنی
    جو کہا تو سُن کے آڑادیا ، جو لکھا تو پڑھ کے مِٹادیا

    جو رُکے تو کوہِ گراں تھے ہم ، جو چلے و جاں سے گذر گئے
    رہِ یار ہم نےقدم قدم تجھے یادگار بنادیا

    …..
    یہ میری پسندیدہ غزل فیض کی تصنیف “دستِ تہ سنگ ” میں موجود ہے.
    …..

    افسو س کہ نایاب صاحب نے اپنے اس سوال کو اس گم گشتہ بلا گ میں پوچھا جسے اب کوئی پڑھتا وڑھتا نہیں ہے .
    اگر نایاب صاحب اپنےاس سوال کو عالمی اخبار کے کسی موجودہ بلاگ میں پوچھتے تو شائد ” اراکین محفل ” اسے پڑھکر ان کے سوال کا جواب دے دیتے .
    میرے معلومات محدود ہیں اور میرےپاس ( جرمنی کےاردو سے بے گانہ ماحول میں ) نہ کوئی اردو کی لائبریری موجود ہے اور نہ کوئی اچھی سی لغت موجود ہے کہ میں کوئی خاطر خواہ جواب دے سکوں . پھر بھی میں حسب استطاعت اس کا جواب دےرہا ہوں:

    ناوک کا معنیٰ ہے تیر ( یہ مذکر ہے )
    نیم کش کےمعنی ہیں وہ تیر جو اپنے نشانے پر آدھاکھنچا ہو اہے یعنی آدھا اندر ہو اور آدھا باہر ہو .
    غالب نے اپنے ایک شعر میں تیر نیم کش کو یوں استعمال کیاہے ،اس شعر کو سمجھنے پر فیض کےمذکورہ شعر کو سمجھنےمیں آسانی ہوگی :
    کوئی میرے دل سے پوچھے ترے تیرِ نیم کش کو
    یہ خلش کہاں سے ہوتی جو جگر کے پار ہوتا
    …
    اب فیض کا یہ شعر کہ :
    نہ گنواو ناوک نیم کش ، دل ریزہ ریزہ گنوادیا
    جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو، تنِ داغ داغ لُٹا دیا

    شاعر اپنی خستہ حالی اور بے سروسامانی کا آظہار اور اعتراف کرتے ہوئے اپنے ستمگر سے یہ کہ رہا ہے کہ میرے گھائل اور زخمی دل کا ریزہ ریزہ گم ہوچکا ہے اس میں اپنے ستم کا تیر چلاکر اس تیر کو ضایع کرنے سے کیا فائدہ ہے .
    اس کے بعد شاعر اپنے ستم گر سے یہ بھی کہ رہا ہے کہ جو بچے ہوئے پتھر باقی رہ گئے ہیں انہیں سمیٹ کر محفو ظ کرلو اس لیے کہ مرے تن داغ داغ کو تو میں نے لُٹاہی دیا ہے اور اس میں اب مزید پتھر کھانے کی گنجائش ہی نہیں ہے .
    …..
    میری یہ تشریح ممکن ہے کہ پڑھنےوالے قبول نہ کریں اور اس کو رد کرکے اپنی طرف سے فیض کے اس شعر کی کوئی قابلِ فہم اور قابل قبول تشریح لکھ دیں .
    مگر مجھے امید نہیں کہ کوئی بھی مبصر اس بلاگ کو پڑھنے کی زحمت گوارا کرے گا .اس لیے میں نایاب صاحب کے سوال کو اور میرے اپنے تبصرے کو کسی موجودہ بلاگ میں منتقل کررہا ہوں تاکہ کوئی دانشور نایاب صاحب کا اس سے بہتر جواب دے سکے.

    فقط:
    خیر اندیش
    منظور قاضی
    جرمنی سے
    نوٹ:
    نایاب صاحب کےنام پر شاد عظیم آبادی کا یہ شعر یاد آیا کہ :

    ڈھونڈو گے اگر ملکوں ملکوں ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم
    تعبیر ہے جس کی حیرت و غم ،اے ہم نفسو وہ خواب ہیں ہم

  12. السلام علیکم
    محترم منظور قاضی صاحب ، پرشاد عظیم آبادی صاحب کا جو شعر آپ نے تحریر کیا ہے وہ نہایت ہی خوبصورت ہے ، کیا ہی ممکن ہو کہ آپ پوری غزل بھی لکھ دیں ، ویسے میں نے بہت پہلے کہیں عابدہ پروین کی آواز میں یہ غزل سنی ضرور تھی مگر اب یاد نہیں رہی ، عابدہ پروین نے نہایت ہی خوبصورتی سے یہ غزل گائی ہے ۔
    آصف احمد بھٹی

  13. آصف احمد بھٹی صاحب کی فرمائش پر یہ لنک حاضر ہے
    http://www.youtube.com/watch?v=zYZNOT2-8xc

    میرے خیال میں شاد عظیم آبادی کی یہ مشہور غزل کسی اچھی اردو ویب سائٹ کے شاعری کے سیکشن میں مل سکتی ہے۔

  14. نوٹ : عابدہ پروین کی گائی ہوئی شاد عظیم آبادی کی اس غزل میں اس شعر کی کمی ہے :

    میں حیرت و حسرت کا مارا خاموش کھڑا ہوں ساحل پر
    دریائےمحبت کہتا ہے آ دیر نہ کر پایاب ہیں ہم

  15. پتہ نہیں کیوں اس بلاگ کے بلاگ نویس اور ناظم ایک دن کہاں غائب ہوگئے!!!

    اپنےہی بلاگ سےایسی بےرخی اچھی نہیں۔ بہتر تو یہ تھا کہ وہ اپنی مجبوریوں کا اظہار کرکے اس بلاگ کو بخیر و خوبی ختم کردینےکا اعلان کردیتے ۔

    ورنہ یہ بلا گ شترِ بے مہار کی طرح ادھر ادھر مارا پھرے گا اورموضوع سے ہٹ کر باتیں شامل ہوتی رہینگی ۔

  16. جی منظوربھائی میں حاضر ہوں ۔ بات در اصل یہ ہے کہ اب ہم سوالوں کے دور میں داخل ہوچکے ہیں ۔ جواب آج نہیں تو کل مل جائے گا۔(انشا ء اللہ )ابھی تو ہم صرف بلاگ کی باتیں کرتے ہیں ۔ کل کو فیس بُک اور دوسرے شوسل نیٹ ورکینگ ساٖئٹ کی بھی ہوگی ۔ سر دست ہم لوگ بلاگ کو محفوظ کرنے کی بات کر رہے ہیں ۔ اس کاایک آسان طریقہ یہ ہےکہ اسے ابھی ہم لوگ ذاتی طور پر جو کچھ محفوظ کر سکتے ہیں کر لیں ۔ایک سال کے بعد جب ہمیں انھیں دیکھیں گے تو اس کی اہمیت کا اندازہ ہوگا جیسے آپ نے جون 2009 کے بلاگ کی مثال دی ہے ۔ اسے پڑھ کر اندازہ ہوا کہ اس طرح کے بلاگ کو محفوظ رکھنا گویا جدید دور کے اسالیب اور رجحان و رویےکو محفوظ رکھنا ہے۔
    ابھی تو میں بھی اس پوزیشن میں نہیں ہوں کہ تکنیکی اعتبار سے کوئی ترکیب بتا سکوں ۔ لیکن میں انشا ءاللہ اس پرغور و فکر کروں گا اور کسی نتیجے پر پہنچ سکا تو ایک نئے بلاگ کے ساتھ حاضر ہوں گا ۔ قارئین سے بھی اسی توقع کے ساتھ اس بلاگ کوختم کرناچاہتا ہوں۔

  17. دس برس بعد آج میں یہ بلاگ کھول رہی ہوں۔ مجھے خوشی ہوئی یہ پڑھ کر لیکن تاریخ دیکھ کر دکھ بھی ہوا کہ ہم کب سے تبصرے چھوڑ چکے ہیں۔

  18. بہت بہت شکریہ گل وفا تشریف آوری اور یاد دہانی کا ۔۔۔۔دراصل زیادہ تر رجحان سوشل میڈیا نے لے لیا ہے ۔ سب کے پاس گنا چنا وقت ہوتا ہے سو سب کی اپنی اپنی ترجیحات ہیں ۔ سلامت رہیئے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *