نظامِ تعلیم کس زبان میں ہونا چاہئے۔

قمر رضا صاحب کے بلاگ میں جو میں نے تبصرہ اُسے اس نئے بلاگ میں پیش کر رہا کیونکہ فمررضا صاحب بلاگ سے اس تبصرہ کی زیادہ مطابقت نہیں ہے۔

میں نے اردو میڈ یم سے میٹرک کیا، انگلش میڈ یم سے انٹر سائنس کیا، اُسکے بعد اردو کالج (موجودہ وفاقی اردو یو نیوسٹی) سے بی ایس سی کیا۔ میٹرک اور بی ایس سی میں مجھے اچھے نمبرز لانے کیلئے زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی۔ اسکے بر عکس انٹر سائنس میں بیحد محنت کرنے کے باوجود میرے اچھے نمبرز نہیں آئے۔ بی ایس سی میں اچھے نمبروں کی وجہ سے مجھے اعلٰی تعلیم کیلئے امپیریل کالج، لنڈن میں داخلہ مل گیا۔ لیکن مجھے امپیریل کالج میں اُن طلباء کے مقابلہ میں جو انگلش میڈیم سے آئے تھے بہت زیادہ محنت کرنا پڑی۔ پھر جب میں مزید تعلیم کیلئے امریکہ آیا تو امپیریل کالج میں انگریزی میں تعلیم حاصل کرنے کیوجہ سے مجھے یہاں دوسرے طلباء سے زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی۔ میں نے آپ کے سامنے تصویر کے دونوں رُخ رکھ دئے ہیں۔ مجھ سے میرے بہن بھائیوں، عزیزوں اور اقارب نے جب بھی اپنے بچوں کے بارے میں مشورہ کیا ہے میں نے اُنہیں صدقِ دل سے انگلش میڈیم کا مشورہ دیا ۔ لیکن تصویر کا دوسرا رخ یہ بھی ہے کہ دنیا کی بیشتر ترقی یافتہ قوموں کا نظامِ تعلیم اُنکی مادری زبان میں ہے۔

کیا پاکستان کا نظامِ تعلیم سنگا پور کی طرح انگریزی میں ہونا چاہئے یا اردو میں ہونا چاہئے یا پھر دونوں زبانوں میں ہو؟ اس کے بارے میں عمر بھر سوچنے کے باوجود میں کوئ نتیجہ اخذ کرنے میں ناکام رہا ہوں۔ آپکے تبصرے اس اُلجھن کو سلجھانے میں مدد گار ہوسکتے ہیں۔ تاہم انگریزی سے بغض اس مسئلہ کا حل نہیں ہے۔

نظامِ تعلیم کس زبان میں ہونا چاہئے۔

15 thoughts on “نظامِ تعلیم کس زبان میں ہونا چاہئے۔”

  1. السلام علیکم۔
    ملکوں اور قوموں کی ترقی کسی قانون اور قائدے کے مطابق ہوتی ہے ۔
    زبان کوئی بھی ہواس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔
    چین اور جاپان ترقی ترین ملکوں میں شامل ہیں ۔یہ ترقی انہوں نے انگریزی کتابیں پڑھ کر نہیں کی ۔
    دنیااس وقت ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے ۔ سینکڑوں قوموں کوآپس میں لین دین کے لئے کوئی ایک زبان تو چاہیے ؟
    دنیا اس وقت اس گلوبل ویلج کی کمانڈ کے آگے مجبور ہے کہ وہ ہر حال میں مادری زبان کے علاوہ قوموں کے آپس کی لین دین کی سہولت کےلئے ایک انٹرنیشنل زبان سیکھے۔
    وسلام ۔
    آویز برمنگھم

  2. تعلیم ہمیں سوچ و فکر دیتی ہے! اور مختصر الفاظ میں جو ہماری سوچ کی زبان ہو وہ ہی تعلیم و اظہار کی زبان ہونی چاہئے!
    آپ کو زبان کی تبدیلی کی بنائ پر جو “ذیادہ” محنت کرنی پڑنی وہ اُس مضمون و موضوع کو صرف سمجھنے کے لءٰے نہیں بلکہ پہلے اُسے اپنے سوچنے و سمجھنے کی زبان میں تبدیل کرنے پحر اپنی بات کو سمجھانے کے لئیے اپنی بات کو اُس خاض ذریعہ تعلیم کی زبان میں تبدیل کرنے میں! اور میرے لئے یہ کافی حیرت کی بات ہے جس دوہری مشقت سے اپ گزر کر آئے اُس کا ہی مشورہ آپ نے دوسروں کو دیا.
    دوسرے بلاگ میں یہ یہ وضاحت اشارون کو سامنے آچکی کہ زبان کی اپنی ایک ثقافت ہوتی ہے. تعلیم و تقافت کا آپس مین جو رشتہ ہے وہ مجھے عالمی بلاگ کے ساتھیوں، دوستوں اور اُستاد کی سے خوبیوں کے حامل بڑوں کو بیان کرنے کی ضرورت نہین یقین!

  3. السلام علیکم
    میں سمجھتا ہوں کہ نظام تعلیم اپنی زبان میں ہی ہونا چاہیے ، کہ یہ ناصرف سہل ہوتا ہے بلکہ فطری بھی ہوتا ہے اور رہی بات انگریزی کی تو دوسرے مضامین کی طرح انگریزی بھی ایک مضمون کی حیثیت سے رہنا چاہیے ، جیسے پرانے وقتوں میں عربی اور فارسی ہوا کرتے تھے ۔
    آصف احمد بھٹی

  4. انگریزی سیکھنا بالکل بری بات نہیں بلکہ ایک بہت اچھی بات ہے جس طرح دنیا کی کوئی بھی دوسری زبان سیکھنی
    انگریزی چونکہ زبردستی بین الاقوامی زبان بنائی جا رہی ہے اس لیے اس کا سیکھنا شاید کچھ زیادہ سود مند ہو . . . لیکن
    تعلیم کا حصول اپنی مادری زبان میں دنیا کے ہر انسان کا فطری حق ہے، جیسا کہ بھائی آصف احمد بھٹی صاحب، بھائی آویز صاحب اور بھائی شعیب صفدر صاحب نے بھی فرمایا ہے
    اس کے علاوہ یہ نکتہ ذہن نشین رہنا چاہیے کہ اردو، پنجابی، سندھی، پشتو اور بلوچی وغیرہ کا تحفظ ناگزیر ہے، اور اس کی ذمہ داری ہم میں سے ایک ایک کے سر پر ہے، جیسا کہ آغا ہمدانی صاحب نے گزشتہ بلاگ میں فرمایا تھا کہ دین اور زبان اپنے گھر ہی سے شروع کرنی چاہیے، اگر میں اپنی قوم اور اپنی ثقافت کی بقا چاہتا ہوں تو مجھے اردو کی حفاظت کرنی پڑے گی جس میں سب سے اہم کام اپنی اولاد کو اردو کی تعلیم مہیّا کرنا ہے-
    (بہتر تو یہی ہوتا کہ میں درج بالا جملہ میں ” اردو کی تعلیم مہیّا کرنا” کی جگہ ” اردو میں تعلیم مہیّا کرنا” لکھ سکتا، کاش)

  5. اسلام علیکم ساتھیو
    میرا بھی یہ ہی خیال ہے کہ ہم اپنی زبان میں جتنی آسانی سے اپنی سوچ اور اپنے خیالات کا اظہار کر سکتے ہیں وہ کسی دوسری زبان میں ممکن نہیں ہے ۔میں نے بھی اردو کالج سے بی ایس سی کیا اور طبیعات اور حیوانیات جیسے مضمون پڑھے ،اور ہماری تعلیم کسی صورت بھی کسی انگریزی زبان میں پڑھنے والے سے کم نہیں ہے بلکہ شاید کچھ زیادہ ہی ہے ۔
    انگریزی بھی ایک مضمون کے طور پر ضرور پڑھنی اور پڑھانی چاہئے ۔تاکہ ہم دنیا میں اپنا مقام بنا سکیں لیکن اپنی زبان کی اہمیت کو ختم نہین کرنا چاہئے ۔
    میرا خیال ہے کہ اگر ہم اپنی زبان میں تعلیم حاصل کریں تو وہ زیادہ تر فائدہ مند ہوگی ۔لیکن اپنی زبان کی اہمیت ختم کر کے انگریزی کو اپنانا یہ کسی صورت بھی ہمارے حق میں نہیں جاتا ۔
    اللہ ہمارے علم میں اضافہ کریے
    اللہ میرے ملک کا حامی و ناصر ہو ۔
    عالم آرا
    وینکور

  6. السلام علیکم
    بلاگ کا موضوع اچھا ہے اس لئے اپنی دو کوڑی کی رائے دینے چلی آئی
    ہمارے یہاں تعلیم کا مقصد ایک اچھی نوکری کا حصول ہے اس لحاظ سے لوگ اپنی اولادوں کا انگریزی مدارس میں داخلہ کرواتے ہیں
    اردو کو ذریعہء تعلیم بنانے کے لئے اشد محنت کی ضرورت ہے
    ہم نے نئی اصطلاحات کے لئے اردو الفاظ ہی تجویز نہیں کئے مجھے نہیں معلوم کہ اردو ڈکشنری بورڈ والے اس ضمن میں کیا کام کر رہے ہیں
    اگر آپ اردو میں کسی مضمون کی کتاب اُٹھائیں تو جا بجا انگریزی اصطلاحات اردو رسم الخط میں لکھی نظر آتی ہیں
    یقیناً چین و جاپان اپنی زبانوں سے یہ سلوک روا نہیں رکھتے
    چین و جاپان کو چھوڑئیے عرب بھی اکثر اصطلاحات کا اپنی زبان میں ترجمہ کرتے ہیں
    انگریزی کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا تاہم امید ہے کہ گوگل جیسے ادارے مستقبل قریب میں مستند ترجمے کرنے پر قادر ہو جائیں گے تو تحقیق و ترویج میں آسانی ہو جائے گی
    ابھی تو ان کے تراجم مضحکہ خیز ہوتے ہیں (کم از کم اردو انگریزی میں تو ایسا ہی ہے)
    والسلام
    زرقا

  7. یہ بات اٹل ہے کہ مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنا آسان ہے ۔ یہ بات بھی پاکستان کی حد تک صحیح ہے کہ ایک انگلش میڈیم سے پڑھے ہوئے سیکنڈ یا تھرڈ ڈویژنر کو نوکری اور کیریر آسانی سے ملجاتے۔ جبکہ اُردو میڈیم سے اگر فرسٹ کلاس نہ ہو تو آگے بڑھنا مشکل ہوتا ہے۔ دوسرے جاپان، جرمنی، روس، فرانس جیسے ممالک کے لوگوں کو بالعموم اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع اپنے ملک میں اور اپنی ہی مادری ژبان میں موجود ہیں۔ اسطرح انہیں دوسری زبان کی اُنگلی نہیں پکڑنی پڑتی۔ جبکہ ہمیں اعلیٰٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے باہر جانا پڑتا ہے اور اسطرح دوسری زبان میں تعلیم لینا پڑتی ہے۔ اُردو میڈیم سے نکل کر انگلش میڈیم میں تعلیم حاصل کرنا اتنا آسان نہیں ہے جتنا انگلش میڈیم میں رہتے ہوئے ہے۔ جس طرح برِ صغیر میں مختلف زبانیں بولنے والوں کو اُردو یا ہندی کو بروئے کار لانا پڑتا ہے۔ اس ہی طرح ایک قدم آگے بڑھکر انگلش کو بروئے کار لانا ضروری ہوجاتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں یہ ایک تحقیق طلب مسئلہ ہے۔

  8. محترمہ بہن زرقا مفتی صاحبہ ! آپ نے ایک بہت اہم نکتہ کی طرف توجہ دلوائی کہ
    پہلے حکومتی سطح سے اردو کو سرکاری زبان کے طور پر رائج کرنا ہو گا
    سرکاری لین دین، دفتری کام کاج کے لیے اردو کو منتخب کرنا ہوگا
    پھر سکولوں میں اردو پڑھنے پڑھانے کا سلسلہ چل سکے گا
    یہی دیکھ لیجیے “اردو ڈکشنری بورڈ” کا نام تک، مثلاً “مجلسِ لغاتِ اردو” ہونے کی بجائے، انگریزی کا سہارا لیا گیا ہے، اسی طرح
    ہر شعبہ میں، ہر جہت میں انگریزی ہماری رگوں میں تزریق inject کردی گئی ہے
    (یہ لفظ “تزریق” میں نے گوگل سے لیا ہے، اللہ ان انگریزوں کا بھلا کرے جو مجھے میری زبان سیکھنے میں مدد کرتے ہیں)(میرا دل روتا ہے)

    محترم ظفر جعفری بھائی بہت معذرت کے ساتھ
    غیر ممالک میں اعلٰی تعلیم حاصل کرنے کے لیے اپنے ملک میں انگریزی کی تعلیم غیر ضروری ہے . . . کیوں کہ
    ہمارے وطن سے طلباء روس، چین اور جرمنی وغیرہ بھی تعلیم کے حصول کے لیے جاتے ہیں اور انہی ممالک کی زبانوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں اور اس کے لیے وہ ایک یا ڈیڑھ سال کے لیے زبان سیکھتے ہیں اور پھر ان ممالک کے مقامی طلباء کے ساتھ ایک ہی کمرہ جماعت میں اُن کی مادری زبان میں سنتے، بولتے، پڑھتے اور لکھتے ہیں، اپنی تعلیم مکمل کرکے وطن کو لوٹتے ہیں (پھر امریکہ یا کینڈا کی طرف نکل جاتے ہیں)
    اسی طرح انگریزی میں اعلٰی تعلیم حاصل کرنے سے پہلے چند ماہ یا ایک سال کا Advance English Course کرنا بھی کافی ہو سکتا ہے

  9. میں نے یہ نہیں کہا کہ نظامِ تعلیم اردو میں ہونا چاہئے یا انگریزی میں۔ میں نے اپنا تجربہ بیان کیا ہے۔ یہ بات بالکل درست ہے کہ پاکستانی طلباء یورپ اور جاپان جاکر وہاں کی ایک ڈیڑھ سال میں زبان سیکھتے ہیں پھر اُس زبان میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اسکی بہترین مثال ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی ہیں ۔ میرا برطانیہ اور امریکہ میں یہ بھی مشاہدہ ہے کہ جب جرمن، فرنچ عرب چینی وغیرہ اعلیٰٰٰ تعلیم کیلئے برطانیہ یا امریکہ کسی بھی قسم کی تعلیم کیلئے آتے ہیں تو انہیں پاکستان ، بھارت یا افریقہ کے طلباء کے مقابلہ میں بہت دشواری ہوتی ہے۔ میں یہ جاننا چاہوں گا کہ وہ کون سے ممالک ہیں جہاں ماضی قریب میں انگریزوں کی حکومت رہی ہے اور آج اُنکا نظام تعلیم اُنکی مادری زبان میں ہے۔ یہ ایک تحقیق طلب مسئلہ ہے۔

  10. اسلام علیکم
    سب سے اہم بات یہ ہی ہے کہ حکومتی سطح پر جب تک اردو کو اہمیت نہیں دی جائیگی جب تک ہم وہ ثمرات حاصل نہیں کر پائینگے جو اپنی زبان کے استعمال سے ہم حاصل کر سکتے ہیں ۔
    جتنی زبانیں سیکھی جائیں اچھا ہے ۔لیکن اپنی زبان کی ترویج اور ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ اردو الفاظ استعمال کریں ۔یہ حقیقت ہے کہ بعض الفاظ کی اردو ملتی ہی نہیں ۔
    عبدالمناف بھائی آپ کی بے حد شکر گزار ہوں کہ آپ نے ایک نئے لفظ تزریق سے روشناس کرایا ۔اگر ہم کوشش کریں تو بہت اُن الفاظ کی اردو مل سکتی ہے جو ہم انگریزی کے استعمال کرتے ہیں ۔
    اپنی زبان سے جڑے رہنا بہت ضروری ہے ۔
    مجھے تو دکھ یہ ہوتا ہے کہ کسی بھی حکومت نے آج تک اُن بنیادی مسائل کی طرف توجہ ہی نہیں دی جو قوموں کی زندگی میں اہمیت رکھتے ہیں ،بلکہ ہر حکومت آتے ہی بس خزانے کو دیکھتی ہے ،جو قیمتی اقدار ضائع ہو رہی ہیں ان پر کوئی توجہ نہیں ہوتی ۔
    اگر تمام اداروں میں اردو کو اہمیت دی جائے اور انگریزی کو مضمون کی حیثیت سے پڑھایا جائے تو یہ اردو کی بقا کے لئے ایک مثبت قدم ہوگا ۔
    اللہ ہم سب کے مسائل کو حل کردے اور ہمیں اپنی عافیت میں رکھے ۔
    عالم آرا
    وینکور

  11. جب تک انگلش میڈیم کے طلباء کو اُردو میڈیم کے طلبا سے اچھی نوکریاں ملتی رہیں گی اُردو دبی رہے گی۔ انسان کو سب زیادہ عزیز اولاد ہوتی ہے اور اولاد کو ماں باپ وہیں بھیجنا پسند کریں گے جہاں انہیں اچھا مستقبل نظر آئیگا۔ میرے خود اردو کالج میں داخلہ لینے کیوجہ میری جیالوجی میں دلچسپی تھی جو اُس وقت اُردو کالج کے علاوہ کسی اور کالج کے نصاب میں شامل نہیں تھی۔ اگر حکومت نوکریوں میں اُردو میڈیم طلبا ء کو ترجیح دینا شروع کردے تو اس سے اُردو کی ترویج ہوگی۔ ازراہ مذاق یہ بھی کہونگا کہ اگر پاکتستانی لڑکیاں انگلش میڈیم کے لڑکوں کو لفٹ دینا بند کردیں تو اُردو کی چاندی ہوجائے گی۔

  12. اسلام علیکم ظفر جعفری بھائی
    اآپ کی از راہ مذ ا ق بات بہت پسند آئی ۔“ ۔ اگر پاکتستانی لڑکیاں انگلش میڈیم کے لڑکوں کو لفٹ دینا بند کردیں تو اُردو کی چاندی ہوجائے گی۔“
    مگر میرے بھائی یہ ناممکنات میں سے ایک ناممکن بات ہے ۔
    مگر کہنے میں کیا حرج ہے شاید کسی دل پر اثر کر جائے ۔
    اللہ آپ کو خوش رکھے ۔
    عالم آرا

  13. بہن عالم آراء

    یہی تو مسئلہ ہے۔ پہلے بھی میں اقوال اور اعمال پر بلاگ لکھ چکا ہوں۔ کہتے اور لکھتے تو سب لوگ یہی ہیں کہ اردو میڈیم ہونا چائے۔ لیکن اپنے بچوں کو سب انگلش میڈیم میں پڑھوانا چاہتے ہیں۔ لڑکیاں بھی انگلش میڈیم ہی کے لڑکوں کو گھاس ڈالتی ہیں۔ میں سمجھتا ہوں سارے پاکستان میں اردو میڈیم کا خواب کبھی بھی شرمندہء تعبیر نہیں ہوگا۔ یہ میرا دعویٰٰ ہے۔

  14. اسلام علیکم ظفر جعفری بھائی خوش رہئے ۔
    آپ کا دعویٰ بالکل ٹھیک ہے ۔ یہ وہ باتیں ہیں جو ہم اور آپ جیسے دیوانے کرتے ہیں ۔ان باتوں کو اہمیت کہیں بھی نہیں ملتی ۔
    جس طرح ہم اپنی باقی اقدار سے دور ہو رہے ہیں ۔پردہ گیا ،دوپٹہ گیا ، ٹخنے کھلے ،،اور اب تو وہ فیشن ہے کہ کپڑے کم سے کم ہوتے جارہے ہیں ، اور اس پر تنقید کرنے والے دقیانوسی اور پرانے زمانے کے کہلاتے ہیں ،
    کچھ دنوں میں اردو پڑھنا اور اردو لکھنا بھی دقیانوسی کہلانے لگے گا ، اللہ نہ کرے ۔
    مگر میرا خیال ہے کہ کوشش جاری رکھنا چاہئے ،پھل ضرور ملے گا ۔اور سارے پاکستان میں اردو میڈیم کا خواب بھی شرمندہ تعبیر بھی ہوگا انشاء اللہ
    بس خواہش یہ ہے کہ ہماری زندگی میں ہو جائے تو کیا کہنا ۔
    اللہ ہم سب کی کوششوں کو بار آور کرے ۔
    عالم آرا
    وینکور

  15. – آپ سب نے بہت خوب صورت انداذ میں ار د و ذباں میں تعلیم کی اہمیت کا ذکرکیا ہے-و اقعی اگرمادری زبان میں تعلیم کی سہولت ھو۔ توکیتااچھاھو -اوراس میے تحقییق بھی ھوئ ہے۔کہ جو بچے اپنی ما دری ذبان میں عبو ر رکھتے ہں-وہ اکثر باقی زبا نوں میں بھی طاق ھو تے ہیں-سویڈش ایک چھوٹی سی زبان ہے- پھیر بھی ساری تعلیم اسی مں ھوتی ہے-لےکن پاکیستانی ماںباپ کہتے ہیں۔ کہ اردو پڑھ کر بچے کیا کر گے؟انگزی کی اھمیت سے ا نکار نہہں۔ لیکن اپنی ذپا ن گلا گھونٹ کر نھین –

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *