پنجابی ماہیا کی اردو میں مقبولیت

میں جناب صفدر ھمدانی صاحب کا یہ انتہای معلوماتی تبصرہ جو انہوں نے ثلاثی کے بلا گ میں جناب ظفر جعفری کو مخاطب کرکے تحریر کیا ، اس بلاگ کا موضوع بنا کر پیش کررہا ہوں ۔

میرے خیال میں اردو ثلاثی اور پنجابی ماہیا میں یہ ایک بات مشترک ہے کہ دونوں تین مصرعوں میں لکھے جاتے ہیں ۔ اس لیے ثلاثی کے بلاگ کو ذیلی موضوع ماہیا میں تبدیل کرنے سے بہتر یہی سمجھتا ہوں کہ اس پر یہ نیا بلاگ لکھا جائے ۔

مجھے یقین ہے کہ تمام ماہیا کے شیدائی جناب صفدر ھمدانی صاحب کے اس تبصرے سے بہت کچھ علم حاصل کرینگے اور ماہیا کے فن اور اسکی اردو زبان میں مقبولیت پر اپنے اپنےتبصرے پیش کرینگے۔
لیجیے صفدر ھمدانی صاحب کا یہ تبصرہ پڑھیے اور اپنے علم میں اضافہ کیجیے : :
۔۔۔۔۔۔۔۔

صفدر ھمٰدانی نے کہا ہے:
April 19, 2009 بوقت 11:14 am
برادر بزرگوارم ظفر جعفری کی نذر

اب تو ماہیا ایک عرصے سے اردو زبان میں بھی رائج ہوچکا ہے جس کا ماخذ یقینا *پنجابی زبان ہے۔ اردو میں ماہیا کو متعارف کرانے کا سہرا کہا جاتا ہے کہ ہمت رائے شرما کے سر جاتا ہے جنہوں نے سب سے پہلے اردو میں ماہیے کہے تھے۔
یہ سب سے پہلے لکھے جانے والے دو ماہیے ہیں جو رائے شرما نے 1936 میں بننے والے ایک فلم ’’ خاموشی‘‘ کے لیے لکھے تھے اور انکی اپنی آواز میں ہی ریکارڈ ہوئے تھے۔
اک بار تو مل ساجن
آکر دیکھ ذرا
ٹوٹا ہو ا دل ساجن

سہمی ہوئی آہوں نے
سب کچھ کہہ ڈالا
خاموش نگاہوں نے

اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اردو ماہیے میں اصل جان مرحوم چراغ حسن حسرت نے ڈالی تھی اور انہیں کے زبانِ زدِ عام ماہیوں “باغوں میں پڑے جھولے” اور “راوی کا کنارا ہو” وغیرہ نے اس کو اردو کی ایک صنف بنایا ہے۔
انٹر نیت کی دنیا میں ‘‘سمت‘‘ نامی سائٹ پر ماہئے کی بحروں کا صحیح تعیّن کے عنوان سے خضر ناگپوری کا ایک معلوماتی مضمون لگا ہوا ہے جسکو کسی قطع و برید کے بغیر یہاں چسپاں کر رہا ہوں۔
‘‘آئیےہم پہلے “ماہیا” کا زیر بحث آہنگ دیکھیں پھر اصول، بحورو ارکان تجویز کریں۔ پنجابی ماہۓ کا آہنگ (جیسا کہ تمام مجامین سے ظاہر ہے) ان دو اوزان پر مشتمل ہے:
۱۔ مفعول مفاعیلن فاع مفاعیلن مفعول مفاعیلن
۲۔ فعلن فعلن فعلن فعلن فعلن فع فعلن فعلن فعلن
اصول بحور کے لۓ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ماہیا کے آہنگ کا تقاضا کیا ہے، بڑے مصرعے بحر ہزج اخرب سالم میں بالکل ٹھیک ہیں لیکنن چھوٹبے مصرعے کا تقاضا ہے کہ کہ اس کی شناخت کے لۓ اس کی اپنی بحر ہو۔ ماہیا کی بحروں کو مسدس یا مثمّن لکھنے کی قطعی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ان کے ارکان کی تعداد کبھی کم یا زیادہ نہیں ہوتی۔ اسی طرح اس میں ابتدا، صدر، عروض، ضرب اور حشوین کی بھی گنجائش ہے۔ ایک ہی بحر میں چھوٹے بڑے مصرعے بھی نہیں کہے جا سکتے کہ یہ اردو شاعری میں قواعدِ عروض کی خلاف ورزی ہے۔

بحر رجز کا رکن سالم ’مستفعلن‘ زحاف طی سے ’مفتعلن‘ بر وزن ’فاع مفا‘ اور زحاف حذد سے ’فعلن‘ بر وزن ’عیلن‘ ہے۔ یعنی مفتعلن فعلن بر وزن فاع مفاعیلن ہے۔ مفعولن مفاعیلن عملِ تخلیق سے ’مفعولم فاعیلن‘ بر وزن ’مفعولن مفعولن‘ یعنی ’فعلن فعلن فعلن‘ کا ہم وزن ہے۔ اسی طرح مفتعلن عملِ تسکین سے مفعولن بر وزن ’فعلن فع‘ ہے۔ بحرِ رجز بحر، ہزج کے انفکا سے حاصل ہوتی ہے اس لۓ ماہیا میں ان دونوں بحروں کی جوڑی نہایت مناسب ہے۔

ماہیا ان تین مصرعوں کے تسلسل کو کہتے ہیں جو دو مخصوص بحروں کے مخصوص اوزان پر کہا جاتا ہے۔ اس اصول سے کسی بھی وزن میں تین مصارع کہہ کر اسے ماہیا کا نام دینے کا جو غلط چلن رواج پا گیا ہے، وہ رک جاۓ گا۔
بحورِ ماہیا:
۱۔ بحر ہزج اخرب سالم مفعول مفاعیلن
بحرِ رجز مطوی احذ مفتعلن فعلن
بحر ہزج اخرب سالم مفعول مفاعیلن

۲۔ بحرِ ہزج مخنق سالم مفعولن مفعولن
بحرِ رجز مطوی احذ مفعولن فعلن
بحرِ ہزج مخنق سالم مفعولن مفعولن

(ماخوذ۔ ماہنامہ ’قرطاس‘ ناگپور۔ جنوری ۲۰۰۰ء)

اور اب اردو ماہیا کے حوالےسےایک گفتگو اعجاز عبید کی

ماہئے کی روایت پنجابی کے لوک گیت کی حد تک قدیم سہی، اردو میں بطور صنفِ سخن حال ہی میں وارد ہوئی ہے۔ اس کا کوئی درخشاں ماضی ہے یا نہیں ؛ اس کی ابتدا ہمت رائے شرما کے فلمی گیت سے چاہے کر لیں (اور میں اپنے ماہئے ’تم روٹھ کے مت جانا ‘ کو گا کر ہی بحر موزوں کرتا ہوں) مگر اس میں مجھے شک ہے کہ اس گیت کو آپ اردو شاعری تو نہیں کہہ سکیں گے۔ یہ دوسری بات ہے کہ’ اردوستا ن ڈاٹ کام‘ پر میں نے شرما صاحب کے اور ماہئے بھی دیکھے ہیں۔ خیر۔ ویسے ماہئے کے علاوہ ہیر اور ٹپے مشرقی اور مغربی پنجاب (یا غیر منقسم پنجاب) کے اکثر افسانہ نگاروں نے اپنی کہانیوں ناولوں میں استعمال کئے ہیں۔ میری اپنی بات کروں تو میرا اس لوک گیت سے پہلا تعارف 1968سے 1980 ء کے درمیان جو میں نے بےشمار ادبی رسالے علیگڑھ کی مولانا آزاد لائبریری سے لے کر پڑھے تھے۔ نقوش، فنون، ادبِ لطیف وغیرہ ، ان میں احمد ندیم قاسمی، غلام عباس بلکہ کرشن چندر کے افسانوں میں بھی اکثر ماہیے ’کوٹ‘ کئے جاتے تھے۔ ایسے ہی کسی افسانے کا ایک بہت پیارا ماہیا جس کا پہلا مصرعہ مجھے اب بھی یاد بلکہ بہت پسند ہے، وہ تھا:

ُپھل ِکھل گئے ککراں دے‘

ماہئے کے حال کے بارے میں عارف فرہاد کا کہنا ہے کہ دورِ حاضر میں کم و بیش 300شعراء ماہئے کہہ رہے ہیں۔ اس کا مستقبل ضرور تابناک ہے، مگر اس میں میں ایک شرط کا اضافہ کرنے کی جرأت کروں گا۔ وہ ہے اس کی بحر جس کے سلسلے میں (یا ہمارے ہندی والوں اور اس سے متاثر اردو داں بھی کہتے ہیں کہ ’اس بابت میں‘) میں کچھ عرض کرنے کے لئے ہی یہ گفتگو کر رہا ہوں، ممکن ہے کہ تمہید کچھ ظویل لگے۔ خیر۔

اس کا بھی خیال اس طرح آیا کہ ہمارے دوست سرور راز صاحب نے میرے کچھ مصرعوں کو بحر سے خارج ہونے کا شک ظاہر کیا ہے، میرے خیال میں بطورِ خاص اس نعتیہ ماہئے کا آخری مصرعہ:

اک نام کو چوما تھا
طیبہ پہنچے تو
ہر نفس مہکتا تھا

یہاں ’نفس‘ بسکوت ’ ف‘ شاید بہتر طور پر بحر میں آتا ہے (اور یہ شک کیا جا سکتا ہے کہ ممکن ہے کہ نَفس۔ بمعنی خود ی یا ذات۔ ہی میری مراد ہو۔)
خورشید اقبال نے ماہیے کی اپنی ویب سائٹ کے سرنامے پر ہی اس کی بحر لکھ رکھی ہے:

مفعول مفاعیلن
فعل مفاعیلن
مفعول مفاعیلن

پہلی بات تو میں یہ کہوں گا کہ کیوں کہ اس کی بنیاد پنجابی کا لوک گیت ہی ہے، اس لئے اسے بحر کی ’جکڑ بندیوں‘ سے محفوظ رکھا جائے تو بہتر ہوگا۔ کسی ویب سائٹ پر ہی شاید نذر خلیق کا ماہیا پڑھا تھا جس میں اس کی ’لہراتی ہوئی ‘ بحر کی بات کہی گئی تھی۔ مجھے اس سے اتفاق ہے۔ اس لئے میں یہ سمجھتا ہوں کہ ماہیا چاہے اس بحر میں ہو، یا اُس بحر میں، یا پہلا مصرعہ پہلی بحر اور تیسرا مصرعہ دوسری بحر میں ہو، بلکہ کوئی مصرعہ بحر میں نہ بھی ہو مگر ماہیے کی لے میں آتا ہو تواسےجائز قراردینا چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس بلاگ کے پڑھنے والوں سے یہ عرض کردوں کہ یہ بلاگ میر ا بلاگ نہیں ہے ۔ اس کی محرک ظفر جعفری صاحب ہیں اور اس کی روح رواں صفدر ھمدانی صاحب ہیں۔
مجھے پنجابی ماہیے اس لیے پسند ہیں کہ ان کے تین مصرعوں میں بہت کچھ کہا جاتا ہے ۔ سمندر کو کوزہ میں بند کرنا اور اپنی کہانی کہ جانا ایک کمال کی بات ہے:
مجھے پنجابی نہیں آتی مگر مندرجہ ذیل ماہیے میں نے کبھی سنے تھے وہ اب تک دل کو گرما تے ہیں:
انکا پہلا مصرعہ اپنی اردو / پنجابی کی ملی جلی زبان میں لکھتا ہوں:
1۔ دو پتر اناراں کے
2۔ سونے دا کل ماہیا
3۔ چٹا ککڑ بنیرے دے
4۔ ہاراں وچ ست لڑیا ں
۔۔۔
سنتے تھے کہ مرزا اور صاحبان کے درمیان ان ماہیوں میں زبان میں گفتگو ہوتی تھی ۔ (شاید اس بارے میں میں غلطی پر ہوں )
شاید پنجابی سخنور ان ماہیوں کا اردو میں ترجمہ کردینگے یا پھر ان ماہیوں کو پنجابی زبان میں پیش کردینگے ۔
درا صل یہ اردو کا بلاگ ہے مگر پنجابی کے ماہیے بھی اردو پر اثر انداز ہیں اس لیے صفدر ھمدانی صاحب نے اس موضوع پر توجہ دی ہے اور چونکہ ان کا یہ تبصرہ ثلاثی کے بلاگ سے زیادہ ایک نئے بلاگ کا متقاضی تھا اس لیے میں یہ بلاگ شروع کر کے اجازت چاہتا ہوں ۔
آیے اس کی پذیرائی کریں
میں اس بلاگ کو صفدر ھمدانی صاحب کے حوالے کرکے اجازت چاہتا ہوں ۔
فقط :
ثلاثی اور ماہیا کا دلدادہ
منظور قاضی (جرمنی سے )

22 thoughts on “پنجابی ماہیا کی اردو میں مقبولیت”

  1. اور کوئی تبصرہ کرے یا نہ کرے ماریہ علی صاحبہ کا ایک جملہ ہی ان بلاگوں میں جان ڈالدیتا ہے ۔
    انکی کمی محسوس ہورہی ہے۔

  2. کوئی اس بات میں‌پہل کرے یا نہ کرے ، میں ہی پنجابی ماہیا کی طرز پر یہ ماہیا اردو میں لکھتا ہوں :

    تنہائی کے لمحے میں
    میں ماہیا کہتا ہوں
    اردو ہی کے لہجے میں
    ۔۔۔
    جیسا کہ سب جانتے ہیں یہ بلاگ میرا نہیں اس لیے اسکی پذیرائی یا اس سے گریز کرنے یا نہ کرنے کی ذمہ داری پڑھنے والے سخنوروں پر ہے ، مجھ پر نہیں۔

  3. سلام ماہیے سننے میں بھی بہت اچھے لگتے ہیں۔اایک ماہیا ہے ۔منظور قاضی صاحب آگر لکھنے میں کوئ غلطی ہو جاے تو دست کر دیجے گا کیو نکہ مجھے پنجابی لکھنی نہیں آتی۔ماہیا کچھ یوں ہے۔کاننا دی یاں والیاں لاکے سنھبال لی یاں۔جا دو میرا ماہی آے گا۔آکے میری کننی پاے گا۔lol

  4. رانی صاحبہ نے اپنا پنجابی کلام لکھکر مجھ سے ( جو پنجابی زبان سے پوری طرح واقف نہیں) یہ فرمایا ہے کہ میں انکے پنجابی کلام کی کسی غلطی کو درست کردوں۔ میں اس سلسلے میں ان سے معافی چاہتا ہوں۔
    مجھے یقین ہے کہ عالمی اخبار کے پڑھنے والے پنجابی دانشور اپنی مادری زبان ( پنجابی ) سے فیض اٹھاتے ہوے رانی صاحبہ کے پنجابی کلام میں کوئ غلطی ہو تو درست کردیں۔
    میں رانی صاحبہ کی ہمت کی داد دیتا ہوں کہ انہوں نے اس بلاگ کو اپنی توجہ کے قابل سمجھا۔
    ۔۔۔۔۔
    رانی صاحبہ نے صفدر ھمدانی صاحب کے اوپر کے تبصرے سے اندازہ لگا یا ہوگاکہ ماہیا تین مصرعوں پر مشتمل ہوتا ہے ۔ صفدر ھمدانی صاحب کے اوپر کے تبصر ے میں یہ کہا گیا ہے کہ رائے شرما نے ماہیا کو اردو میں یو ں لکھا :
    اک بار تو مل ساجن
    آکر دیکھ ذرا
    ٹوٹا ہوا دل ساجن
    ۔۔۔۔۔
    اور :
    سہمی ہوئی آہوں نے
    سب کچھ کہ ڈالا
    خاموش نگا ہوں نے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    اگر اردو کے سخنور ا ن مثالوں کو سامنے رکھکر اردو میں ماہیے لکھیں تو شاید اس بلا گ کی افادیت میں اضافہ ہو:
    ۔۔
    میں اپنی طرف سے اردو میں اپنے سابقہ تبصرے میں ایک ماہیا للکھ چکا ہوں ۔ اب یہ اردو ماہیا کے مثالیں میرے آج کی تازہ کاوش کا نتیجہ ہیں:
    محبوب کی الفت میں
    اللہ کرم فرما
    میں پھنس گیا کلفت میں
    ۔۔۔۔
    طوفانوں نے گھیرا ہے
    اک چاند کے چھپنے سے
    دنیا میں اندھیرا ہے
    ۔۔۔
    اور یہ اردو کا ما ہیا لکھ تو دیا ہوں مگر ایسا معلوم ہوتاہے کہ اسکا خیال بہت سارے شعرا نے اپنے اشعار میں قلمبند کیاہے۔

    ساون کے مہینے میں
    سجنی کے بنا یہ جی
    لگتا نہیں جینے میں
    ۔۔۔۔
    اب جراغ حسن حسرت کا اردو ماہیا بھی ذہن میں آتا ہے (ممکن ہے کہ اس کے لکھنے میں مجھ سے کوی غلطی ہوگئی ہو ): :
    باغوں میں‌ پڑے جھولے
    تم بھول گئے ہم کو
    ہم تم کو نہیں بھولے
    ۔۔۔۔۔۔
    رانی صاحبہ کو اس بلاگ میں حصہ لینے پر مبارکبا د دیتا ہوں

  5. منظور قاضی جی آپکا تبصرہ پڑھ کر بہت اچھا لگا۔قاضی جی ابھی سکھنے کے عمل سے گرز رہی ہوں نصابی کتابوں میں اس قدر بزی ہوں کہ ادھر تھوڑا دھیان کم ہے انشاء اللہ آپ لوگوں کی طرف سے تھوڑی بھی حوصلہ افزائ ہوئ تو ضرور shareکرتی رہوں گی۔

  6. پنجابی ماہیوں کے اردو میں تراجم کی کوشش:

    ہا ر وں میں سات لڑیاں
    تیرا پیچھا نہیں چھٹنا
    چاہے لگ جائیں ہتھکڑیاں
    ۔۔۔
    کوٹھے پر آ ماہیا
    لوگوں کی روئیں آنکھیں
    میر ا روتا ہے دل ماہیا
    ۔۔۔۔

  7. نذیر اے قمر کے اردو ماہیے پڑھنے میں آئے اور دل باغ باغ ہوگیا ۔ یہ ماہیے انکی کتاب ” بہار آنے تک ” کے تبصرے میں موجود تھے ۔ اس کتاب کا تذکرہ لندن سے شایع ہونے والے ہفت روزہ ” یوکے ٹائم ۔ لندن میں تھا ۔ ( اس صفحہ کو اسحاق ساجد صاحب نے ابھی ابھی مجھے ای میل کے ذریعہ بھجوایا جس کے لیے میں انکا مشکور ہوں ۔
    نذیر اے قمر کے پانچ سو سے زیادہ اردو ماہیے انکی کتاب “بہار آنے تک ” میں موجود ہیں۔ مثال کی طور پر اس شاعر کے یہ ماہیے یہاں پیش کرتا ہوں ۔ پڑھیے اور اس نوجوان شاعر کی ( جو اسپین میں مقیم ہے ) شاعری کواپنی داد اور اپنی دعا سے نوازیے:
    حمدیہ ماہیا:
    مت پوچھ خدا کیا ہے / ہر چیز پہ لکھا ہے / خالق کے سوا کیا ہے ؟
    ۔۔۔۔۔۔۔
    نعتیہ ماہیے:
    لفظوں میں عقیدت کا / رہ جایے بھرم آقا (صا)/ تیرے ساتھ محبت کا
    اشکوں کی قطاریں ہیں/ سوچوں میں مدینہ ہے ؟ ہر سمت بہاریں ہیں
    مٹی میں بکھر جاتے / سرکار نہ آتے تو / ہم لوگ کدھر جاتے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ماں کی محبت پر ماہییے:
    ماں تیری دعا ئیں ہیں/ تپتے صحرا میں / برسی جو گھٹائیں ہیں
    ماں جب قرآن پڑھے / سن سن کے قمر میرا / پل پل ایمان بڑھے
    پردیس میں گھر کیسا / تری یاد میں رہتا ہوں / اے ماںمجھے ڈر کیسا
    ماں دنیا سے کہتا ہوں / پردیس میں بھی رہکر / ترے پاس ہی رہتا ہوں
    ۔۔۔۔۔۔۔
    متفرق موضوعات پر ماہیے:
    سونچوں پہ بھی پہرے ہیں/ دل میں نہ رہجا ئیں / جو لفظ سنہرے ہیں

    جب پھول مہکتے ہیں/ سینےمیں قمر میرے / جذبا ت بھڑکتے ہیں

    گلیوں میں بھی رہتے ہیں/ کچھ لوگ اجڑ کر بھی / خوش رہتے ہیں ہنستے ہیں

    دو رنگوں کی کلیا ں ہیں / اسپین سے بھی اچھی / تیرے گاؤں کی گلیاں ہیں

    دل اس کو دعا دے گا / جو پیار کے پانی سے /میری پیاس بجھا دے گا

    ہر ڈال پہ گل مہکیں / تیری یاد کے پنچھی جب / آنگین میں مرے چہکیں
    اور یہ ماہیا:
    سب کھیت ہر ے ہوتے / ہم لوگ محبت میں/ اے کاش کھرے ہوتے
    ۔۔۔
    خدا کا شکر ہے کہ نذیر اے قمر کے ان اردو ماہیوں کے باعث اس بلاگ کا مقصد پورا ہوگیا ۔ ۔
    اردو ماہیا کے شایقین کسی نہ کسی طرح نذیر اے قمر کی کتاب ” بہار آنے تک ” حاصل کرکے اس کے اردو ماہیوں کو پڑھ سکتے ہیں۔
    اب اس بلاگ میں نذیر قمر کے اردو ماہیوں کے معیار کے برابر کوئی اور ماہیے شاید شایع نہ ہوسکیں اس لیے اب یہ بلاگ نظر سے اوجھل بھی ہوجائے تو فکر نہیں۔
    ۔۔۔۔
    فقط :
    پنجابی اور اردو ماہیوں کا دلدادہ :
    منظور قاضی از جرمنی

  8. ASLAMO ALEKOM QAZI ji aur baba maheye ka zekr bohat ache andaz main keya bohat lutf aeya ap sab ka bohat SUKREYA Tahir Malik GERMANY

  9. طاہر محمود ملک صاحب کی ہمت افزائی کا بہت بہت شکریہ کہ انہوں نے میری کوشش کو سراہا۔

    اور کوئی سخنور اور دانشور داد دے یا نہ دے صرف طاہر محمود ملک صاحب کی داد ہی میرے بائی پاس شدہ دل کو خوش کرنے کے لیے کافی ہے۔

  10. منطور قاضی جی۔سارے ہی ماہیے کمال کے ہیں اور بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔خاص کر ماں کا ماہیا تو مچھے سب سے زیادہ اچھا لگا۔
    ماں تیری دعائیں ہیں/تپتے صحرا میں/برسی جو گھٹائیں ہیں
    ماں جب قرآن پڑھے/سن سن کر قمر میرا/پل پل ایمان بڑھے
    پردیس میں گھر کیسا/تیری یاد میں رہتا ہوں/اے ماں مجھے ڈر کیسا
    ماں دنیا سے یہ کہتا ہوں/پردیس میں بھی رہکر/تیرے پاس ہی رہتا ہوں

  11. نذیر اے قمر نہا ہت ہی خوش قسمت شاعر ہے جس کے اردو ماہیے رانی صاحبہ نے پسند کیے۔
    بقول اقبال : دل سے جو بات نکلتی ہے اثر رکھتی ہے۔
    اگر نذیر قمر صاحب ( جو اسپین میں کہیں رہتے ہین ) اس بلاگ کو پڑھرہے ہوں تو اپنے کتاب ” بہار آنے تک ” سے چند اور اردو ماہیے اس بلاگ میں اردو فانٹ میں شایع کردیں تا کہ بلاگ کو چار چاند لگ جائیں ۔

  12. رانی صاحبہ نے جو پنجابی ماہیہ 21 اپریل کو اپنے تبصرے میں لکھا تھا وہ ابھی تک عالمی اخبار کے پنجابی احباب کی نظر کرم کا محتاج ہے ۔
    وہ ماہیہ نہایت ہی خوبصورت معلوم ہوتا ہے مگر مجھے پنجابی نہیں آتی اس لیے اس کو تحریر بھی کرنے میں مشکل پیش آے گی ۔
    پھر بھی کوشش کرتا ہوں کہ اسکو یہاں دہرا کر پنجابی حضرات سے درخواست کرون کہ اس کو پورا کریں:
    کاننا دی یاں والیاں
    لا کے سنبھا لی یا ں
    جادو میرا ماہی آے گا
    آکے میری کننی پاے گا
    نوٹ : اگر میرے لکھنے میں غلطی ہو گئی ہوتو رانی صاحبہ اس کی تصحیح کردیں۔
    اب دیکھتے ہیں کہ پنجابی سخنور اس ماہیہ کی کس طرح تصحیح کرتے ہیں۔
    ۔۔۔

  13. رانی صاحبہ نے جو ماہیا لکھا سنا ہوا ہے غالباً تصور خانم نے گایا تھا تاہم درست اس طرح سے ہے

    کناں دیاں والیاں
    لا کے سنبھالیاں
    جدوں میرا ماہی آوے گا
    آ کے میرے کنیں پاوے گا

    تصور خانم نے مزید بھی کچھ گائے جو بلاشبہ اچھے ہیں

    تاہم ماہیا چونکہ پنجاب کی لوکل صنف ہے اس لیے اردو ہو یا کوئی اور زبان اس کے وزن کا تعین پنجابی وزن کے مطابق ہی ہوگا ورنہ اس کی لے یا سر میں کئی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

    پنجابی ماہیے کا وزن یہ ہے

    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فع
    فعلن فعلن فعلن
    پنجابی کے بیشتر ماہیے اسی وزن پر ہے۔
    جبکہ اردو دانوں نے اردو ماہیے کے وزن کے مسائل میں جو وزن اخذ کیے میں سمجھتا ہوں کہ علم عروض میں اگر ان کی تقطیع کی جائے تو وہ عین اسی پنجابی کے وزن پر ہیں مثلا

    اردو ماہیے کا ایک وزن
    مفعول مفاعیلن
    فعل مفاعیلن
    مفعول مفاعیلن

    اب ذرا غور کریں

    ایسا لفظ جس کے آخر میں دو ساکن آجائیں اور اس سے اگلے لفظ کے پہلے دو حروف محترک ہوں تو قاعدے کی رو سے پچھلے لفظ کا آخری ساکن حرف متحرک ہو جاتا ہے اور اگلے لفظ کا پہلا متحرک ساکن ہو کر پچھلے متحرک ہو جانے والے حرف کے ساتھ مل کر سبب خفیف بناتا ہے۔۔۔۔ اب ذرا پنجابی وزن کی پہلی لائن کو مدنظر رکھتے ہوئے اردو وزن کی اس پہلی لائن کی تقطیع دیکھیں
    مفعو بروزن فعلن
    ل جو کہ ساکن رہ گیا اس سے اگلا رکن ہے مفا ” مفا ” میں پہلے دو حروف متحرک ہیں لہذا پہلا متحرک ” میم ” ساکن ہو کر مفعول کے ساکن ” ل ” سے مل کر سبب خفیف بنا ” لَم”
    لم اور مفا کی ” فا” مل کر “لمفا” بنا یعنی بروزن فعلن
    اب اردو وزن کا آدھا رکن عیلن رہ گیا جو کہ بروزن فعلن ہے
    یوں یہ بنا

    مفعو= فعلن
    لمفا= فعلن
    عیلن= فعلن

    یوں یہ پنجابی ماہیے کے وزن کی تقطیع پر پورا اترتا ہے

    اب دوسری لائن دیکھیں

    اردو وزن کی دوسری لائن ہے

    فعل مفاعیلن

    یہاں بھی فعْلْ کی آخری “ل” ساکن ہے لہذا اس کو متحرک جانیں
    مفا کے پہلے دو حروف متحرک ہے لہذا پہلے متحرک میم کو ساکن جانیں اور سبب خفیف بنائیں تو بنا

    “لم”

    لہذا پورا وزن بنا ” فعلم” جو کہ بروزن فعلن پر ہے
    باقی رہ گیا فاعیلن
    فعلم= فعلن
    فاعی = فعلن
    لن= فع
    لہذا یہ دوسری لائن
    پنجابی وزن کی دوسری لائن کے وزن پر ہے
    فعلن فعلن فع

    اب تیسری لائن دیکھیں

    جو کہ اردو ماہیے کی پہلی لائن کودہرا رہی ہے

    سو اردو کا یہ وزن پنجابی وزن کا فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فع
    فعلن فعلن فعلن ہی ہے۔

  14. پنجابی ماہیے کے دو اوزان ہیں

    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فعلن

    یا پھر

    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فع
    فعلن فعلن فعلن

    اصل میں دوسرے وزن میں بھی آخری رکن فعلن ہی آتا ہے۔ ہوتا یوں ہے کہ چونکہ پنجابی ماہیے گائے گئے ہیں ، گلوکار حضرات آخری رکن کو کھینچ کر وزن پورا کرتے ہیں جبکہ لکھنے میں آدھا رکن لکھا ہوتا ہے ۔ اس لحاظ سے میں برملا یہ کہہ سکتا ہوں کہ پنجابی کا اصل وزن تینوں ہم وزن مصرعے ہیں یعنی۔

    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فعلن

    اسی وزن پر قمر صاحب کا ایک اردو مصرع دیکھیں

    جب پھول مہکتے ہیں/ سینےمیں قمر میرے / جذبا ت بھڑکتے ہیں

    پہلی لائن کی تقطیع پنجابی وزن پر

    جب پھو= فعلن
    لم ہک= فعلن
    تے ہیں= فعلن

    دوسری لائن کی تقطیع
    سینے= فعلن
    مقمر= فعلن
    میرے= فعلن

    تیسری لائن کی تقطیع

    جذ با= فعلن
    تبھ ڑک= فعلن
    تے ہیں= فعلن

    یہاں آپ بغور دیکھ سکتے ہیں کونسا حرف گرایا گیا ہے وزن میں اور کیسے متحرک ساکن کی نشست و برخاست سے سبب خفیف بنایا گیا ہے۔

    اب اسی ماہیے کو اردو وزن پر دیکھِیں تو بے وزن ہو جاتا ہے کیونکہ اردو ماہیے کا جو وزن لکھا گیا ہے اس کا پہلا رکن فُعُل یعنی عین متحرک کر کے لکھا گیا ہے جبکہ یہ پنجابی وزن میں میں متحرک ساکن کی نشست و برخاست سے سبب خفیف بناتا ہے۔لہذا یہاں خدشہ کے تحت دوسری لائن کے وزن کا پہلا رکن فُعُل سمجھا گیا جبکہ یہ فعل یعنی عین ساکن سے ہوگا۔ تاہم اردو ماہیے کو پنجابی ترنم پر لکھنے سے یہ مسائل خود بخود حل ہو جاتے ہیں بشرطیکہ ماہیا گا کر یعنی گنگنا کر لکھا جائے اگر بغیر گنگنائے لکھا جائے تو اسے فعلن کے وزن پر ذہن میں رکھ کر مصرع موزوں کرنا ہوگا۔

    جب پھول مہکتے ہیں/ سینےمیں قمر میرے / جذبا ت بھڑکتے ہیں

    جب پھول= مفعول
    مہکتے ہیں= فعل

  15. اب رائے شرما کے اس ماہیے کو دیکھیں

    اک بار تو مل ساجن
    آکر دیکھ ذرا
    ٹوٹا ہوا دل ساجن

    اک با= فعلن
    رت مل= فعلن
    ساجن= فعلن

    آ کر= فعلن
    دیکھذ= فعلن
    را= فع

    ٹوٹہ=فعلن
    وا دل= فعلن
    ساجن=فعلن

    اب یہاں دوسری لائن کا وزن بظاہر فعلن فعلن فع ہے مگر اس جب گایا گیا تو ذرا کی را کو کھینچا گیا یوں اس کو فعلن کے وزن پر پورا کیا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یعنی آکر دیکھ ذراا
    یوں دوسری لائن کا ترنم میں وزن بنا
    فعلن فعلن فعلن

    لہذا میں کہہ سکتا ہوں کہ اردو ماہیا دراصل پنجابی کے وزن پر ہی ہے اور پنجابی ماہیے کا درست وزن تینوں ہم وزن مصرع ہیں یعنی

    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فعلن

  16. اسی طرح یہ حمدیہ ماہیا بھی دیکھیں

    مت پوچھ خدا کیا ہے / ہر چیز پہ لکھا ہے / خالق کے سوا کیا ہے ؟

    مت پو= فعلن
    چھخ دا= فعلن
    کیا ہے= فعلن

    ہر چی= فعلن
    زپ لک= فعلن
    کھا ہے= فعلن

    خالق= فعلن
    کس وا= فعلن
    کیا ہے= فعلن

    یہاں کے سوا میں ” کے ” کی “ے” کو گرایا گیا ہے

    یہاں بھی یہ پنجابی ماہیے کے وزن فعلن فعلن فعلن کے تینوں ہم وزن مصرعوں پر پورا اترتا ہے

  17. ماشا اللہ علم کی جستجو ہوتو ایسی ہو: میں محمود ارشد وٹو صاحب کی جستجو کو سراہتاہوں کہ انہوں نے میرےاس تین سال پرانے بلا گ کو ڈھونڈ نکالا اور اس میں اتنے محققانہ تبصرے کیے جن کی وجہ اس بلاگ کی افادیت میں بے حد اضافہ ہوگیا: جزا ک اللہ:

    ماہیا کے موضوع پر شائد یہ ایک ایسا بلا گ ہے جس میں پنجابی ماہیے کا رشتہ اردو ماہیوں سے جوڑا گیا ہے اور ان دونوں زبانوں کےماہیوں کی عروضی مماثلت پر روشنی ڈالی گئی ہے:

    محترم صفدر ہمدانی صاحب نے اس بلاگ کا آغاز بڑے ہی موثر انداز میں کیا اور اسکے بعد میں نے اسےآگے بڑھانے کی کوشش کی مگر افسوس کہ محمود ارشد وٹو صاحب جیسا عروض کا ماہر تین سال پہلے اس بلاگ میں حصہ نہ لے سکا جس کی وجہ سے اس بلاگ میں علمیت کی کمی رہی ۔
    :اب محمود ارشد وٹو صاحب نے اس بلاگ کو اپنی ماہرانہ گفتگو سے بہت ہی مفید بنادیا ؛ اب وہ اسی طرح اپنے علم سے اس بلاگ کے پڑھنے والوں کے علم میں اضافہ کرتےرہیں تو یہ بلاگ بہتر سے بہترین ہوجائےگاِ ۔

    میری خواہش ہےکہ فیس بک کی دنیا میں بسنے والے اردو اور پنجابی ماہیوں کی ماہر سخنور بھی اس بلاگ میں اپنے خیالات کا اظہار کرکے ہم سب کے علم میں اضافہ کریں ۔
    میری دلی دعا ہے کہ محمود ارشد وٹو صاحب کو اللہ اسی طرح اپنے علم سے دنیا کو مستفید کرنے کی استطاعت اور توفیق عطا کرتارہےِ آمین
    فقط:
    منظور قاضی از میونخ ، جرمنی

  18. پنجابی ماہیے کو اردو میں لانے کے لیے جس زور شور سے کام شروع ہوا اتنی ہی جلدی اسے پنپنے کا موقع نہ مل سکا۔اردو ماہیے کے اوزان کے بحث نے اسے مشکل بنا دیا صورت حال یہاں تک پہنچی کہ مخلتف اوزان پر اردو ماہیے لکھے جانے لگے جس سے ماہیے کے حسن کو گہنا دیا گیا یوں اس کی موت کو آسان بنا دیاگیا

    مثلا

    شحر سے ٹوٹا
    سکوت جیسے
    حجر سے ٹوٹا

    نکال خنجر
    برہنہ سر ہے
    سنبھال خنجر
    ماہیے ، فیروز مرزا مطبوعہ دو ماہی گلبن احمد آباد شمارہ جولائی ،اگست 1993
    اردو میں ماہیا نگاری ، از حیدر قریشی۔ صفحہ 25

    آنکھون میں بھری ہے ریت
    طوفان کے ہاتھوں سے
    پامال ہوئے میرے کھیت

    رنگین اندھیرے میں
    تری یاد مجھے لے لیتی ہے
    بانہوں کے گھیرے میں
    ماہیے، از سیما شکیب مطبوعہ سہ ماہی ارتکاز کراچی اکتوبر 1995
    اگرچہ اب قفس میں بھی نہیں ہوں
    میں نیلے پانیوں پر کیا اڑوں گا
    کہ اپنی دسترس میں بھی نہیں ہوں
    ماہیے۔ از حسن عباس رضا۔ مطبوعہ ” اوراق” لاہور جون، جولائی 1992

    علی محمد فرشی اور سید نصیر احمد ناصر کے ثلاثی دیکھیں جو ماہیے کے عنوان سے چھاپے گئے

    جوفرق تھا زر کا تھا
    تعبیر محل کی وہ
    میں خواب کھنڈر کا تھا
    کفنی کوئی سلتی ہے
    کب اس کو خبر میری
    اس شہر میں ملتی ہے
    علی محمد فرشی
    بشکریہ اردو میں ماہیا نگاری، از حیدر قریشی صفحہ 24
    ہاتھوں کی لکیروں میں
    اک نام سلگتا ہے
    بے آب جزیروں میں

    سنتا ہے نہ کہتا ہے
    گم اپنے خیالوں میں
    پاگل کوئی رہتا ہے
    نصیر احمد ناصر
    بشکریہ اردو میں ماہیا نگاری،از حیدر قریشی

    ۔ پہلی بات تو یہ کہ یہ پنجاب کی لوکل صنف تھی، غیر ملکی زبان نہیں تھی کہ اردو میں لانے کے لیے اس کے وزن کے تعین کے لیے لمبی چوڑی بحث چھیڑی جاتی۔پنجابی ماہیے کا وزن بھی اردو کی مستعمل بحر میں ہے۔نہ صرف ماہیا بلکہ پنجابی غزل، گیت اور دیگر پنجابی اصناف کا وزن انہی بحور پر استوار ہے تو پھر اس کے لیے الگ سے اوزان کا مسئلہ کھڑا کرنا اس صنف کو اردو میں رائج نہ کرنے کی سازش ہی قرار دیا جاسکتا ہے۔

    حیرت کا مقام ہے کہ اردو ماہیے کا وزن تو الگ سے متعین کیا جائے اور اس کا نام ” ماہیا ” ہی رکھا جائے۔ہاہاہا
    ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ الگ سے وزن مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ اس کا نام بھی بدل دیا جاتا۔یا تین مصرع نما کوئی اور صنف ایجاد کر لی جاتی٫

    ایک اور حیرت انگیز بات یہ کہ پنجاب میں لوکل سطح پر ڈھول کی تھاپ پر ، یا تھالی اور کھڑے کی تھاپ سکھِوں کی چھیڑ چھاڑ میں گنگنائی جانے والی اس صنف کو تحریری شکل بعد میں دی گئ۔ گویا ہم کہہ سکتے ہیں کہ ماہیے دراصل ایک دھن ہے جس پر الفاظ کےاتار چڑھائو میں جذبات کا اظہار کیا جاتا تھا۔

    حیرت کا مزید مقام یہ ہے کہ ماہیا کہ پہلا مصرع بے معانی ہوتا ہے جبکہ باقی دومصرعے حقیقت میں ایک طویل مصرع ہوتا ہے جو موسیقی میں طبلے کے سم کے مقام کی وجہ سے دو مصرعوں میں تقسیم کر کے تحریری شکل دی گئی۔یعنی پہلا بے معانی ایک مصرع کے بعد ایک جاری رہنے والا
    continue text ٹیکسٹ
    کو دو مصرعے سمجھ لیا گیا۔
    ایک اور بات اردو میں اکثر ماہیے کا پہلا مصرع باقی دو مصرعوں سے تعلق بھی رکھتا ہے جبکہ پنجابی ماہیے میں پہلا مصرع بے معانی مگر تیسرے مصر عے کے لیے قافیے کے تعین اور ایک ٹریگر کا کام کرتی ہے۔

    مثلا پنجابی کے چند ماہیے دیکھیں جن میں پہلا مصرع بے معانی یعنی دیگر دو مصرعوں کے معانی سے تعلق نہیں رکھتا اور ایک جاری رہنے والے ٹیکسٹ کو کس طرح دو مصرعوں میں تقسیم کرکے لکھا گیا۔

    چٹا ککڑ بنیرے تے
    کاسنی دوپٹے والیے
    منڈا صدقے تیرے تے
    اگر اس ماہیے کے دونوں آخری مصرعوں کو ایک ٹیکسٹ کی شکل میں لکھیں تو اس کی نمایاں شکل یوں ہوگی۔
    چٹا ککڑ بنیرے تے
    کاسنی دوپٹے والیےمنڈا صدقے تیرے تے

    سونے دا کل ماہیا
    لوکاں دیاں رون اکھیاں
    ساڈا روندااے دل ماہیا

    سونے دا کل ماہیا
    لوکاں دیاں رون اکھیاں ساڈا روندا اے دل ماہیا
    اب ذرا حیدر قریشی کے چند اردو ماہیے دیکھیں جن سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ ماہیا تین مصرعوں پر مشتمل نہیں بلکہ ایک آدھے مصرع اور ایک طویل مصرع پر جاری رہنے والے ٹیکسٹ پر مشتمل ہے۔نیز تینوں مصرعوں کے معانی کی مطابقت بھی دیکھیں۔
    تم آم اڑاتے تھے
    اور ہم مالی کو
    باتوں میں لگاتے تھے

    تم آم اڑاتے تھے
    اور ہم مالی کوباتوں میں لگاتے تھے

    وہ نین غزالی تھے
    فیصلہ کیا ہوتا
    سب اسکے سوالی تھے

    وہ نین غزالی تھے
    فیصلہ کیا ہوتا سب اس کے سوالی تھے
    جیسا کہ پہلے کہہ چکا ہوں کہ پنجابی ماہیے کو اردو میں جب کوشش کی گئی تو اس کے اوزان کی بحث چھڑ گئی۔لہذا ہر ایک نے اپنے اپنے اوزان متعین کرنےکی کوشش کی۔جس کی وجہ سے اردو میں ماہیا پنجابی ماہیے سے مماثلت رکھنے کی بجائے ایک ثلاثی صنف بن کر رہ گئی۔

    ماہیے کو اگر دو مصرعوں کی صنف سمجھ لیا جائے تو شاید اس کے وزن کا تعین کرنا ممکن ہوسکے۔پنجابی ماہیا چونکہ کہ پہلے گایا گیا فی البدیہہ جذبات پروئے گئے بعد میں تحریری شکل میں لایا گیا اس لیے ڈھولک کی تھاپ میں اس کے سم کا تعین مخلتف مقامات پر ہونے کی وجہ سے پنجابی ماہیے کے وزن کا تعین بھی نہیں کیا جاسکا۔
    پنجابی ماہیے کے ہر ممکنہ اوزان میں سے کچھ نے
    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فع
    فعلن فعلن فعلن
    رکھا
    کچھا نے
    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فعلن
    رکھا
    اور کچھ نے
    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فعلن فع
    فعلن فعلن فعلن

    پنجابی ماہیے کے دوسرے مصرع کا وزن
    فعلن فعلن فع
    مقرر کرنے والوں نے شاید وہ ماہیے سنے جن میں طبلے کے سم کا مقام فع پر ہے۔ملاحظہ کریں
    کوٹھے اتوں اڈ کاواں
    سد پٹواری نوں
    جند ماہی دے ناں لانواں
    یہ ماہیا کئی گلوکاروں نے گایا ہر ایک کے ہاں طبلے کے سم کا مقام مختلف ہے
    کچھ کے ہاں یہ سم ” جند” پر آکر ہے
    کچھ کے نزدیک
    دوسرے مصرعے کے ” نوں” پر ہے
    شاید دوسرے مصرعے کے ” نوں” پر سم کے مقام کے اس کے اس مصرع کے وزن کا تعین یوں کیا گیا
    فعلن فعلن فع
    اور جنہوں نے اس کے سم کے مقام ” جند” پر کیا ان کے نزدیک
    فعلن فعلن فعلن فع
    کا وزن قرار پایا

    چونکہ پنجابی زبان میں برتائے جانے والے ماہیے میں اکثر کومل لفظوں یا یوں کہہ لیں ہندی الفاظ کا استعمال قدرتی طور پر روانی سے ادا ہوتا ہے اس لیے اکثر حروف از خود گر کر وزن کی کمی پیشی کا احساس دلاتے ہیں اس لیے گانے والا کسی لفظ کو کھینچ کر یا کم ادا کرتا ہے۔اسی نسبت سے طبلے کے سم کے مقامات اکثر بدل جاتے ہیں۔
    ماہیا اردو میں لکھا جائے یا پنجابی میں اس کا بہتر حل اس کو گنگنا کر لکھا جائے ہے یا پھر اسے دو مصرع کی صنف قرار دے کر اس کے سم کے مقام کا تعین گلوکار پر چھوڑ دیا جائے۔

    اگرماہیے کو دو مصرعوں کی صنف سمجھ کر اس کے وزن کا تعین کیا جائے تو میرا خیال ہے یہ بہتر وزن ہے پنجابی ماہیے کا اور اسی کو اردو ماہیے کے لیے رائج ہونا چاہیے

    باغوں میں پڑے جھولے
    تم بھول گئے ہم کو ، ہم تم کو نہیں بھولے
    فعلن فعلن فعلن
    فعلن فعلن فعلن، فعلن فعلن فعلن

    یہاں کوما کا نشان طبلے کے سم کی نشاندہی کے لیےلگایا گیا ہے اور یہ درست وزن ہے اردو اور پنجابی ماہیے کا۔

  19. ماشااللہ جناب محمود ارشد وٹو صاحب : آپ کے اس تحقیقی مقالے نے نہ صرف میرے علم میں اضافہ کیا بلکہ اس بلاگ کی افادیت میں بھی اضافہ کردیا : اللہ آپ کو اس نیک کام کا نیک اجر دے: آمین

    آپ کے اس طویل تبصرے نے یہ ثابت کردیا کہ آپ کو ماہیے کی تاریخ اور اسکے عروضی ساخت پر عبور ہے۔ ماشااللہ اردو کے ماہیوں کی پنجابی ماہیوں سے مماثلت یا اختلاف کا بھی آ پ کو کافی اچھا علم ہے۔

    ہوسکتا ہے کہ اس بلاگ کےپڑھنے والوں میں کوئ فرد ایسا بھی ہوگا جو آپ کے تبصروں پر تبصرہ کرے : میں تو پہلے سےہی اپنی کم علمی کا اعتراف کرچکا ہوں:
    میں تو پنجابی اور اردو ماہیوں کی تھاپ پر دھمال کرنے والوں میں سے ہوں ۔

    دیکھتےہیں کہ اس موضوع پر دوسرے کیا کہتے ہیں!!!
    فقط :
    منظورقاضی
    از میونخ جرمنی

  20. اپ نے سھی کھا ماھیے پنجابی مییں ھی کھ سکتے ھیں ان کو اگر ااپ اردو میں ترجما کرو تو ان کا متلب ناھی رھتا۔اور ویسے بھی جو لوگ ماھیے کھتے ھیں وھ مھےع کو کھاس ترنگ میعن کھتے ھئں۔جو اردو میں ممکن نھی ھے۔پنجابی کے رچناوی لھجا کے جس نے ماھیے نھی سنے اس نے دنیا میں آنے کا مزا ھی نھی جانا۔
    کجھ ماھیے
    .جھمکے تولے دے
    جیھڑے ودے روندے ھائیں
    سارے کرم ھن ڈھولے دے

    پانی تر جانواں
    تو تاں میری زندگی ہیں
    تینوں چھوڑاں تاں مر جاواں

    ساوے جؤ ماھیا
    نوی نوی لگگی ھووے
    چڑ جاندے نی بھؤ ماھیا

    گڑیاں دے دھو ماھیا
    ایدے مینو لٹ پے گئ
    کدے رجھا ودآے توں ماھیا

    گڑیاں دے دھو ماھیا
    شک نھی چھوڑو ھیں
    جیھڑا رسدا ھیں تو ماھیا.

    ye to koch mahye thy par mien aap ko bta do keh khaas awaaz waaly lowg jab in ko gaaty hain eak khaas trng main to hi in ka mza aata hay owr in ka mtlb das gonah bardh jaata hay punjabi eak tonal zobaan hay urdu bilkol nahi

  21. خاکسار نے بہت فائدہ اٹھایا ہے
    خاص کر ماہیے کا وزن کبھی نہیں کم یا زیادہ ہوگا
    رب ساریاں نوں سلامت رکھے
    خاکسار شاکر علی امجد

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *