مجلسِ شامِ غریباں

مجلسِ شامِ غریباں
وہ قافلہ جو مدینے سے آیا تھا، وہ آج لٹ گیا۔ اس وقت میں آپ سب حضرات کی طرف سے اُن کی خدمت میں سلام پیش کرتے ہیں:

اے کربلا کے پیاسے! ہم آپ کو سلام کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔ اس وقت حالت یہ ہے کہ بیبیاں جلے ہوئے خیموں کے پاس خاک پر بیٹھی ہوئی ہیں۔نہ کسی کا بھائی رہ گیا ہے، نہ کسی کا بیٹا رہ گیا ہے اور نہ ہی کوئی اور رشتہ دار رہ گیا ہے۔ جنابِ زینب ہی ہیں جو سب بیبیوں کو جمع کئے ہوئے بیٹھی ہیں۔

اس سے پہلے حالت یہ تھی کہ بعد از شہادت جب خیموں میں آگ لگادی گئی تو بیبیاں اِدھر اُدھر منتشر پھر رہی تھیں او رکچھ سمجھ نہ آتا تھا کہ کیا کیا جائے۔ایک بچی کی یہ حالت تھی کہ اُس کے کپڑے جل رہے تھے اور وہ یہ نہیں سمجھتی تھی کہ کس طرح آگ بجھائی جائے۔ کس بی بی کی رِدا میں آگ لگی ہوئی تھی اور اُسے اس کا علم نہ تھا۔

عزادارانِ اہلِ بیت !ہائے صبح سے عصر تک یہ قافلہ سارا ہی لٹ گیا۔ آج صبح کے وقت جب تیر آئے ہیں پہلی مرتبہ تو بیبیاں گھبرا کر خیموں کے دروازوں پر آگئی تھیں اور انہوں نے آواز دی تھی: اے ایمان والو! ہمارے سروں سے چادریں نہ اُترنے دینا۔ تو حالت یہ ہوئی تھی اصحاب کہ تلواروں کی میانوں کو توڑ کر پھینک دیا تھا اور خیموں کے دروازوں پر آکر سب نے یک زبان ہوکر کہا تھا: شہزادیو! جب تک ہم موجود ہیں، تمہیں کوئی نہیں دیکھ سکتا۔ ارے اس وقت وہ بچانے والے، وہ حفاظت کرنے والے، ان میں سے ایک نہیں۔ گلے کٹائے ہوئے میدان میں پڑے ہوئے ہیں۔

امام زین العابدین علیہ السلام کی یہ حالت ہے کہ ضعف کی وجہ سے اُٹھنا تو درکنار، بیٹھ بھی نہیں سکتے۔ اگر جنابِ زینب نہ نکالتیں تو شاید خیمے ہی میں رہ جاتے۔

عزادارو! اتنی بیکسی تھی کہ کوئی اہلِ بیت سے یہ کہنے والا نہ تھا کہ حسین مارے گئے۔ یہ گھوڑا آیا ہے اپنی پیشانی پر حسین کا خون لگائے ہوئے اور خیمے کے دروازے پر آکر اُس نے فریاد کی سی آواز بلند کی۔پہلے تو بیبیاں سمجھیں کہ شاید حسین آئے ہیں۔ لیکن جب زین کو خالی دیکھا تو چاروں طرف اس ذوالجناح کے کھڑی ہوگئیں اور فریادیں شروع کیں۔ ذوالجناح! ارے فرزند ِ رسول کہاں رہ گئے؟ جنابِ سکینہ نے ذوالجناح سے چمٹ کر فریاد کی۔ میرے بابا کے ذوالجناح! کیا میں یتیم ہوگئی؟ کیا میرے بابا مارے گئے؟

آج مسافروں کی شام یعنی شامِ غریباں کربلا والوں کی کیسے گزری؟ اس کے متعلق چند فقرے عرض کرنے ہیں۔ آج بعد از عصر جب امام حسین شہید کردئیے گئے تو اس کے بعد ہوا یہ کہ خیموں میں آگ لگادی گئی۔ جنابِ زینب نے امام زین العابدین سے جاکرکہا: بیٹا! اب تو خیمے جلنے لگے۔ آپ نے حکم دیا کہ پھوپھی جان! سب بیبیوں کو لے کر خیموں سے باہر نکل جائیں۔ ذرا آپ اندازہ لگائیے کہ یہ وقت بھی ایسا ہے کہ امامِ وقت کے حکم کی ضرورت محسوس ہورہی ہے۔

جنابِ امام زین العابدین علیہ السلام نے یہ جب یہ فرمایا تو جنابِ زینب آئیں اور کہا کہ بیبیو! نکل جاؤ۔ بیبیاں نکلیں۔ جنابِ زینب بچوں کو لے کر باہر نکلیں، بچوں کو بٹھایا۔ پھر آئیں خیمے میں، پھر اور بچوں کو لے گئیں۔ اس کے بعد خیال آیا کہ زین العابدین تو اُٹھ بھی نہیں سکتے۔ وہ کیسے باہر آئے ہوں گے مگر حالت یہ تھی کہ دھوئیں کی وجہ سے اور آگ کی وجہ سے کچھ ایسی گھبراہٹ طاری تھی کہ بھول گئیں کہ میرا بیمار بھتیجا کس خیمے میں ہے۔ ایک خیمے میں شعلے بھڑک رہے تھے۔ ایک مرتبہ اس میں چلی گئیں۔ سید ِسجاد نہ ملے۔ ہائے فاطمہ زہرا کی بیٹیاں! اور آج اُن پر یہ مصیبت۔ ایک خیمے میں تلاش کے بعد دوسرے میں داخل ہوئیں۔ تھوڑی دیر کے بعد وہاں سے نکلیں۔ مگر اتنی پریشان تھیں کہ آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے۔دھوئیں کی وجہ سے دکھلائی نہیں دیتا تھا۔ اس کے بعد کچھ سوچا اور ایک تیسرے خیمے میں، جس میں شعلے بھڑک رہے تھے، اس میں چلی گئیں۔ وہاں سے جو باہر آئیں تو، کتب میں جو لکھا ہے کہ کسی نے پوچھا کہ بی بی!آپ کیوں جاتی ہیں بار بار خیمے میں؟کیا کوئی چیز رہ گئی ہے؟ فرماتی ہیں : چیز تو کوئی نہیں، میرا بیمار بیٹا نہیں مل رہا۔

اس کے بعد ایک خیمے میں گئیں تو امام زین العابدین علیہ السلام کو سینے سے لگائے ہوئے نکلیں اور باہر لاکر بھتیجے کو زمین پر لٹا دیا اور بازو ہلاکر فرمایا: بیٹا! خیمے جل گئے، ہمارے سروں سے چادریں چھن گئیں۔

اس وقت حالت یہ ہے کہ یہی وقت ہے ، آپ ذرا کربلا کی زمین کا تصور کیجئے۔ خیمے جل چکے ہیں۔ حسین کی لاش کہاں عباس کی لاش کہاں اور عزیزوں کی لاشیں کہاں؟ بیبیاں سہمی ہوئی بیٹھی ہیں۔ اس وقت اُن کی گودوں میں جو بچے ہیں، وہ روتے ہیں، اتنے سہم گئے ہیں، اتنے گھبراگئے ہیں کہ ان کو اس کا پتہ ہی نہیں چلتا کہ کیا ہوگا! جنابِ زینب سلام اللہ علیہا کبھی بیمار کے پاس آتیں، بیٹا! ہم تباہ ہوگئے، تمہاری طبیعت کیسی ہے؟ تمہارا مزاج کیسا ہے؟ اگر سر میں درد ہو تو میں دبا دوں؟ کبھی سکینہ کے پاس جاتی ہیں، گود میں اُٹھالیتی ہیں،اِدھر اُدھر پھرتی ہیں۔ سکینہ کہتی ہیں:پھوپھی جان! میرے بابا کہاں ہیں؟ مجھے میرے بابا کے پاس پہنچا دیں۔

اس کے بعد بیبیوں کے پاس جاتی ہیں، اُن کو سمجھاتی ہیں۔ اُن کو تسلی دیتی ہیں۔ فرماتی ہیں: بیبیو! تمہارا ہم پر بڑا احسان ہے۔ تم ہماری وجہ سے بڑی مصیبت میں گرفتار ہوگئیں۔ وہ بیبیاں کہتی ہیں: شہزادی! یہ نہ کہئے، ہم تو سرخرو ہو گئے کہ ہمارے عزیز آپ کے کام آگئے۔ اس کے بعد جنابِ فضہ سے فرمایا:
ذرا دیکھ لو کہ بچے تو پورے ہیں؟ جب یہ شمار کرنے لگیں تو پتہ چلا کہ دو بچے ان میں نہیں ہیں۔

اب بتلائیے، اندھیری رات ہے۔ ستارے بھی شرم کی وجہ سے منہ چھپائے ہوئے ہیں۔ فاطمہ زہرا کی بیٹی کیا کرے؟ آخر جنابِ فضہ سے کہا کہ فضہ! تم ان بچوں کا ذرا دھیان کرو اور میں اُن بچوں کی تلاش میں جاتی ہوں۔ جنابِ اُمّ کلثوم کو ساتھ لیا۔ ایک طرف چل دیں۔ تھوڑی دیر چلنے کے بعد ایک شخص ملا۔ اس سے کہا کہ بھائی! تو نے کچھ بچے تو نہیں دیکھے؟ اُس نے کہا کہ تھوڑی دیر ہوئی کہ کچھ رونے کی آواز آرہی تھی، پتہ نہیں کہ وہ اب کہاں ہیں؟

جس طرف اُس نے کہا تھا، اُس طرف چلیں۔ دیکھا کہ ایک مقام پر دونوں بچے ایک دوسرے کے گلے میں ہاتھ ڈالے زمین پر پڑے ہوئے ہیں۔ جنابِ زینب نے کہا کہ بہن اُمّ کلثوم !بچے تو مل گئے، ذرا آہستہ چلنا، ایسا نہ ہو کہ وہ بیدار ہوجائیں اور گھبرا جائیں کیونکہ انہوں نے یہ واقعات جو دیکھے ہیں تو اُن کے خیالات میں یہی چیز ہوگی کہ دشمن پکڑ نے آئے ہیں۔ لہٰذا یہ آہستہ آہستہ گئیں، جب اُن کے قریب پہنچیں تو اُن کے پاس بیٹھ گئیں۔ ہاتھ پکڑ کر جو ہلایا تو ہاتھ اُن کے سرد تھے۔ پیشانی پر ہاتھ رکھا تو پیشانی ٹھنڈی تھی۔ ایک مرتبہ ہلایا، فریاد کی۔ کلثوم ! ارے یہ تو دونوں سدھار گئے۔ میں اپنے بھائی کو کیا جواب دوں گی؟ پروردگارِ عالم آپ کو جزائے خیر دے۔ اس رات کے کئی واقعات ہیں۔ صرف ایک واقعہ اور عرض کرکے ختم کردوں گا کیونکہ شامِ غریباں کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے دو آنسو بہہ جائیں، آپ کو اُن کی مصیبت کا کچھ ہلکا سا تصور ہوجائے۔

حقیقت یہ ہے کہ شب ِ عاشور آج کی رات کے مقابلہ میں بڑی اچھی رات تھی۔ سب کے سب موجود تھے۔ پانی نہ تھا مگر بیبیوں کو یہ اطمینان تو تھا کہ ہماری حفاظت ہے۔ مگر آج کی شب کا ذرا خود تصور فرمائیں ! جس کا جوان بیٹا، تمہیں پتہ ہے کہ تمہاری ماں کا کیا حال ہے، جس کا بھائی مرگیا، اُس کا کیا حال ہوگا؟

امام حسین کی لاش اس جگہ پڑی ہے جہاں آپ شہید ہوئے۔ ہائے حسین ! کس زبان سے عرض کروں؟ ایک ملعون آیا۔ اس کو یہ خیال ہوا کہ حسین کی انگلی میں ایک انگوٹھی تھی جس کا نگینہ بڑا اچھا تھا۔ عزادارانِ حسین ! میں کس زبان سے بیان کروں؟ وہ آیا تو اُس نے دیکھا کہ انگوٹھی موجود ہے اور لباس لٹ چکا،عمامہ کوئی لے گیا۔ ہائے حسین ! تیری مظلومی پر عزادار قربان۔ اس ملعون نے یہ چاہا کہ وہ انگوٹھی اُتارلے۔ مگر معلوم نہیں اُنگلی پر ورم آگیا تھا یا خون جم گیا تھا۔ وہ نہ اُتار سکا تو اُس ملعون نے کیا کیا؟ اِدھر اُدھر زمین پر ڈھونڈنے لگا۔ ایک تلوار کاٹکڑا اس کے ہاتھ آگیا۔ آپ خود سمجھ لیجئے کہ کیا قیامت کی گھڑی تھی۔ یہ انگوٹھی لے کر چلا ہی تھا کہ ایک مرتبہ زمین ہلی، یہ گھبرا کر ایک جگہ چھپ کر بیٹھ گیا۔ اس نے دیکھا کہ آسمان سے دو عماریاں اُتریں۔ ایک عماری میں سے ایک بزرگ سربرہنہ نکلے، گردن جھکائی ہوئی۔ ایک مرتبہ وہ حسین کے قریب بیٹھ گئے اور آواز دی: وَا حسینا! سمجھے آپ یہ کون تھے؟ یہ حسین کے نانا حضرت محمد مصطفےٰ۔ دوسرے بزرگ نکلے، وہ امام حسین کے بابا حضرت علی مرتضیٰ ، تیسرے بزرگ نکلے، وہ حسین کے بھائی حسن مجتبیٰ !دوسری عماری اُتری، اس میں سے ایک بی بی نکلیں سر پیٹتی ہوئی، منہ پر طمانچے مارتی ہوئی۔ حسین کے کٹے ہوئے گلے کے پاس بیٹھ گئی اور اس کے بعد بین کرتی ہیں: بابا! ہائے فاطمہ کا دل۔ بابا! میرا حسین یہی ہے کہ سر سے پاؤں تک زخمی ہے۔ رسول اللہ نے فرمایا: ہاں بیٹی!یہی ہے۔ تو ایک مرتبہ فاطمہ نے بے چین ہوکر بازو پر ہاتھ رکھا اور فریاد کرنے لگیں:
حسین ! ارے تجھے مار ڈالا، تجھے پانی بھی نہ دیا۔ بیٹا! یہ بھی خیال نہ کیا کہ میں نے چکیاں پیس پیس کر پالا تھا۔

ایک مرتبہ دل سے محبت کا جوش اُٹھا تو عرض کرتی ہیں: بابا! آپ اجازت دیتے ہیں کہ میں اپنے منہ پر بیٹے کا خون مل لوں؟ رسول اللہ نے فرمایا: بیٹی! تم بھی مل لو اور میں بھی ملوں گا اور قیامت کے دن خدا کے سامنے اس طرح پیش ہوں گے۔

کربلا کے پیاسے! ارے کربلا کے شہید، تیرے رونے والے جمع ہوئے ہیں اور اب یہاں سے اُٹھنے والے ہیں، تجھے سلام کر رہے ہیں۔

نام کتاب: روایات عزا

مصنف: علامہ حافظ کفایت حسین نور اللہ مرقدہ

28 thoughts on “مجلسِ شامِ غریباں”

  1. سلام تم پر ہمارے رسول کے پیارو .. سلام تم پر رسول و بتول کے پیارو ..سلام آخر ..

  2. آئیے سیدنا امام حسین علیہ السلام کے سفر کربلا پر ایک تحقیقی تخلیق دیکھتے ہیں ….
    سفر کربلا کی تاریخ .. 1

  3. شامِ غریباں ۔ پروین شاکر

    غنیم کی سرحدوں کے اندر

    زمینِ نامہرباں پہ جنگل کے پاس ہی

    شام پڑ چکی ہے

    ہوا میں کچے گلاب جلنے کی کیفیت ہے

    اور ان شگوفوں کی سبز خوشبو

    جو اپنی نوخیزیوں کی پہلی رتوں میں

    رعنائیِ صلیبِ خزاں ہوئے

    اور بہار کی جاگتی علامت ہوئے ابد تک

    جلے ہوئے راکھ خیموں سے کچھ کھلے ہوئے سر

    ردائے عفت اوڑھانے والے

    بریدہ بازو کو ڈھونڈتے ہیں

    بریدہ بازو کہ جن کا مشکیزہ

    ننھے حلقوم تک اگرچہ پہنچ نہ پایا

    مگر وفا کی سبیل بن کر

    فضا سے اب تک چھلک رہا ہے

    برہنہ سر بیبیاں ہواؤں میں سوکھے پتوں

    کی سرسراہٹ پہ چونک اٹھتی ہیں

    بادِ صرصر کے ہاتھ سے بچنے

    والے پھولوں کو چومتی ہیں

    چھپانے لگتی ہیں اپنے دل میں

    بدلتے، سفاک موسموں کی ادا شناسی نے چشمِ

    حیرت کو سہمناکی کا مستقل رنگ دے دیا ہے

    چمکتے نیزوں پہ سارے پیاروں کے سر سجے ہیں

    کٹے ہوئے سر

    شکستہ خوابوں سے کیسا پیمان لے رہے ہیں

    کہ خالی آنکھوں میں روشنی آتی جارہی ہے

  4. محفلِ شامِ غریباں کے چراغوں کا دُھواں
    مقتلِ عِشق و جلُوسِ غمِ ایّام کے نام

    شورشِ کُنجِ قفَس، نذرِ شہیدانِ وفا
    صُبحِ اِعزاز کی ساعَت، شبِ الزام کے نام

    موسمِ دِید، تیری جُنبشِ اَبرو پہ نِثار
    سجدۂ اھلِ وفا، تیرے دَر و بام کے نام

  5. کربلا میں شام نے اپنے پر پھیلا دیئے۔ سور ج نے فرط خوف سے مغرب کی وادیوں میں اپنا منہ چھپالیا۔ آسمان کی آنکھیں خون کے آنسوؤں سے بھر گئیں۔ خاندان رسول ہاشمی کے ایک ایک فرد کو قتل کرنے کے بعد یزیدیوں کا کلیجہ ٹھنڈا نہ ہوا، انتقام کی آگ سرد نہ ہوئی، امام حسین اور ان کے جان نثار رفقا کے لاشوں پر گھوڑے دوڑنے لگے، گھوڑوں کی ٹاپ سے شہزادگان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نازک جسموں کو روند ڈالا۔ یہ نازک جسم پہلے ہی تیغ و تیر سے چھلنی ہوچکے تھے۔ پھر خانوادہ اہل بیت کے خیموں کو آگ لگا دی گئی۔ سکینہ طمانچے کھا چکی تو خیموں کا سامان بھی لوٹ لیا گیا۔ اپنے پیغمبر کے گھرانے کی برہنہ سر بیبیوں کو قیدی بنایا گیا۔ بیمار کربلا زین العابدین بھی قیدی بن گئے۔ شہیدان کربلا کے سروں کو کاٹ کر نیزوں پر چڑھا لیا گیا۔ اور اسیران کربلا کا قافلہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی قیادت میں شہیدوں کے سروں کے ساتھ کوفہ کی جانب روانہ ہوا۔ شام کے سائے کچھ اور بھی گہرے ہوگئے، بیبیوں کی برہنہ سروں کو رات نے اپنے سیاہ آنچل سے ڈھانپ دیا۔ ابھی اس قافلے کی قیادت بیمار کربلا حضرت زین العابدین کر رہے تھے۔ اس وقت ان کی عمر تیرہ چودہ برس کے قریب تھی۔ سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کی شہزادی زینب رضی اللہ عنہاخواتین کی دیکھ بھال کرتیں کہ کوئی بچہ قافلے سے بچھڑ نہ جائے، کسی بی بی کے سر سے دوپٹہ لڑھک نہ جائے۔

  6. نواسہ رسولۖ حضرت امام حسین اور ان کے خاندان کے بہت سے لوگوں کی شہادت کا دن۔
    جس طرح آج سورج نکلا ہے بالکل اسی طرح 10 محرم کو اس روز بھی نکلا ہوگا
    جب نبیۖ کے نواسے بے یارومددگار اور لاچار حالت میں ظالم یزیدوں کے بالمقابل ہوں گے۔
    اللہ چاہتا تو اس سورج کو سوا نیزے پر لاکر ابن زیاد کے لشکر کو راکھ میں تبدیل کر دیتا۔
    اللہ چاہتا تو امام حسین کے ننھے صاحبزادے حضرت علی اصغر کی پیاس بجھانے کے لئے زمین کو حکم دیتا
    اور
    اس میں سے چشمے پھوٹ پڑتے۔
    اللہ چاہتا تو امام حسین پر اٹھنے والی تلواریں ظالموں کے ہاتھوں میں ہی پگھل جاتیں
    لیکن اللہ ہمیں کچھ دکھانا چاہتا تھا۔
    ظالم
    اور
    مظلوم
    کا فرق سمجھانا چاہتا تھا۔
    مظلوم کی حمایت میں کھڑا کرنا چاہتا تھا۔
    ہمیں یہ راہ عمل د ینا چاہتا تھا
    کہ
    جب بھی کسی یزید ‘
    کسی ابن زیاد
    اور
    کسی شمر سے واسطہ پڑے
    تو
    اس کے سامنے تن کے کھڑے ہو جائو۔
    کسی اور پر ظلم ہوتا دیکھو
    تو
    ظالم کا ہاتھ پکڑلو۔
    وہ ہاتھ توڑ دو
    جو
    کمزور
    اور
    مظلوم
    پر ظلم کرتا ہے۔
    ہر ظالم کے لئے اس سرزمین کا سینہ تنگ کر دو
    لیکن
    ہم
    جو دعویٰ حُب حسینی رکھتے ہیں
    صرف محرم کے
    چند دن
    امام حسین اور ان کے خاندان کی مظلومیت پر آنسو بہاتے ہیں
    اپنے سروں پر خاک ڈالتے ہیں
    اور
    پھر
    پورا سال یا تو خود کمزوروں پر ظلم کرتے ہیں
    یا
    ظالموں کو مظلوموں پر ظلم کرتے دیکھتے ہیں
    اور
    اسے محض ایک تماشہ سمجھ کر اپنی راہ لیتے ہیں۔
    یہی کچھ تو کوفیوں نے بھی کیا تھا
    کہ
    پہلے امام حسین کو بلایا
    ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات کی
    اور
    جب
    مظلوم کربلا کو گھیر لیا گیا
    تو
    گھروں میں بند ہوکر بیٹھ گئے
    یا
    اپنے روزمرہ مشاغلیں مصروف رہے
    کیا
    ہم
    اس معاملے کی پوری گہرائی میں جاکر سوچنے کے لئے تیار ہیں۔

  7. احمد ترازی بھائی واللہ جواب نہیں آپ کی دعوت فکر کا ..،، یہی ہماری پستی کا سبب ہے کہ ہم عبادتوں کی ظاہریت میں اتنا کھو چکے ہیں کہ اس کی روح سے بے خبر ہو رہے ہیں .. آپ نے درست کہا ہم جو دعویٰ حُب حسینی رکھتے ہیں صرف محرم کے چند دن امام حسین اور ان کے خاندان کی مظلومیت پر آنسو بہاتے ہیں اور پھر پورا سال یا تو خود کمزوروں پر ظلم کرتے ہیں یا ظالموں کو مظلوموں پر ظلم کرتے دیکھتے ہیں اور اسے محض ایک تماشہ سمجھ کر اپنی راہ لیتے ہیں۔.. بس بھائی ہم سب کے لئے یہی مقام فکر ہے کہ کہی ہم بھی کوفیوں جیسے نہ ہو جائیں .. خدا نہ کرے جو ایسا ہو .. اپنے کردار و فکر کو پہچاننے اور درست کرنے کے لئے آج سے اچھا دن کیا ہو سکتا ہے … اللہ کریم ہماری مدد فرماائے .. آمین

  8. امام حسین اور ان کے خاندان کی مظلومیت پر آنسو بہاتے ہیں
    اپنے سروں پر خاک ڈالتے ہیں
    اور
    پھر
    پورا سال یا تو خود کمزوروں پر ظلم کرتے ہیں
    یا
    ظالموں کو مظلوموں پر ظلم کرتے دیکھتے ہیں
    اور
    اسے محض ایک تماشہ سمجھ کر اپنی راہ لیتے ہیں۔
    یہی کچھ تو کوفیوں نے بھی کیا تھا
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    یہی المیہ ہے ہمارا احمد ترازی اور یہ صرف کربلا اور امام حسین علیہ السلام یا اہلبیت کے معاملے میں نہیں خود اللہ کے حبیب میں نبی آخر کے معاملے میں بھی یہی حال ہے۔ دعویٰ ہم انکی سنت کا کرتے ہیں لیکن سوائے چار شادیوں کے کسی سنت پر فوری عمل کرنے کو تیار نہیں۔
    مسلمانوں کی ایک غالب اکثریت دکھاوے کی زندگی جی رہی ہے اور اسی کا نام منافقت ہے۔ دعویٰ ہم کو اللہ اور اسکے رسول کی غلامی کا ہے لیکن ہم غلام ہیں زر کے،مفادات کے،مال و دولت کے،حرص کے،اقربا پروری کے۔ حیف ہے

  9. امام زین العا بدین علیہ ا لسّلام کے لئے تا ریخ اس طرح سے کہتی ھے ،
    ،
    نام ،،علی ابن ا لحسین

    کنّیت ابو محّمد

    لقب زین العابدین یعنی عبادت گزاروں کی زینت،،،سیّد سجّاد ،یعنی سجدہ گزاروں کا سرتاج

    تاریخ ولادت پندرہ جمادی ا لا وّل ،37 ھجری بمقام مدینہ والد گرامی شہید اعظم حضرت امام حسین علیہ ا لسّلام

    والدہ گرامی حضرت بی بی شہربانو بنت یزد گرد بادشاہ فارس تھیں

    کر بلا کے معر کے میں ا ما م زین ا لعا بد ین علیہ ا لسّلام کی عمر چو بیس برس تھی اور پانچو یں امام محمّد باقر علیہ ا لسّلام

    ،بھی اس دنیا میں تشریف لا چکے تھے اور اما م محمّد باقر علیہ ا لسّلام پسر امام زین ا لعابدین علیہ السّلام کی تاریخ ولادت پہلی

    رجب مطابق ستّا ون ھجر ی تاریخ کتب میں درج ھے اس طرح معرکہ کرب و بلا میں بہت صغیر سن تھے

  10. قاضی صاحب

    میں نے اب اس قسم کے بلاگز میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جب ان کے خمیر میں متحدہ پر ماتم کرنا لکھا ہے تو ہمیں کیا ضرورت ہے کہ ہم انکے ہاتھ روکیں۔ یہ جتنا ماتم کریں گے اتنے ہی انکے سینے شل ہونگے۔ متحدہ کو مستحکم کرنے میں حامیوں ، کارکنوں اور ہمدردوں سے زیادہ بڑا ہاتھ مخالفین کا ہے۔

    راقمِ دعا

    ظفر جعفری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *