Proud being a PAKISTANI (once more

سلام” علیکم،
میں نے محترمہ بہن سیدہ ثنا شاہ صاحبہ کے 18 اپریل کے موضوع کے تحت لکھنے میں ذرا دیر کردی یقیناً اسی لیے آپ خواتین و حضرات کے تبصروں سے محروم رہا، لیکن تجسس ہے کہ دیکھوں میری اس سوچ پر ہم وطن کیا کہتے ہیں ، لہٰذا نیا بلاگ شروع کر رہا ہوں، موضوع کو دھرانے اور دیری کی معافی چاہتا ہوں ۔ ۔ ۔
پاکستان نہ تو 9/11 کا ذمہ دار ہے نہ ہی ممبائی دھماکے کا، نہ تو طالبان کی پرورش کا ذمہ دار ہے اور نہ ہی شمالی کوریا کے کسی بم وغیرہ کا، پاکستان کسی بھی مسئلے معاملے یا بدنامی کا قطعاً ذمہ دار نہیں۔ اگر کوئی کسی عمل کا ذمہ دار ہے تو کوئی ایک شخص یا اشخاص کا کوئی گروہ، مثلاً کوئی ایک سیاست دان یا ایک سیاسی جماعت یا کوئی ملکی یا غیر ملکی حکومتی ٹولہ وغیرہ۔ پاکستان نہ تو “بطور خطہء ارض“ اور نہ ہی “بطور ملت یا قوم کے“ کسی بھی ایسے قبیح فعل کا ذمہ دار ہوسکتا ہے جو غیر ملکی حکومتیں پہلے اپنے ذرائع ابلاغ اور پھر ہماری کٹھ پتلی حکومت کی میڈیا کے ذریعے ساری دنیا اور ہماری عوام کو بھی باور کروانا چاہ رہی ہیں۔ کیا ساری کی ساری پاکستانی قوم کا، بشمول میرے اور آپ سب کے، دماغ چل گیا ہے کہ ایسی الٹی سیدھی، ننگِ انسانیت حرکتیں کرتے جا رہے ہیں اور باز ہی نہیں آرہے، باوجود اس کے کہ افغانستان اور عراق وغیرہ کا حشر بھی دیکھ چکے ہیں ؟؟؟ خود کو بدنام کرنے والا کوئی پاگل ہی ہو سکتا ہے، کسی ملک کے سارے لوگ بیک وقت پاگل نہیں ہو سکتے، یا شاید کسی نے کوئی زہر ملا دیا پانی میں جس کو پی کر پوری قوم یک لخت پاگل ہو گئی ( گیارہ ستمبر کے فوراً بعد)۔
رہا سوال اپنے پاکستانی ہونے پر فخر کرنے کا تو کہوں گا کہ فخر کرنے کا حق صرف اور صرف اپنی کوشش سے حاصل کی ہوئی کسی چیز پر ہونا چاہیے، کسی خداداد صلاحیت پر فخر کیوں جبکہ اس کے حصول میں اپنا کچھ خرچ نہ ہوا، صرف کسبی امتیازات ہی باعثِ فخر ہونے چاہیے۔ میں پاکستان میں پیدا ہوا، اس میں میرا کوئی کمال نہیں، ہاں میں نے اگر مثلاً کوئی علم حاصل کیا تو اس پر مجھے فخر کرنے کا حق ہو سکتا ہے کہ یہ میری ذاتی کوششوں ہی کا نتیجہ ہے۔ اس کے علاوہ کچھ باتیں اجتماعی جدوجہد کے باعث بھی اور کچھ منفرادات بھی قابلِ فخر مانے جاسکتے ہیں۔
اس لیے میں قابلِ صد احترام جناب ہمدانی صاحب کی رائے سے اتفاق نہیں کر سکتا (بشرط کہ اِسے گستاخی نہ سمجھا جائے) کہ ہمیں اپنے پاکستامی ہونے پر اس لیے فخر ہے کیوں کہ پاکستان نے ہمیں شناخت دی۔ یہ خصوصیت تو ہر ملک میں ہے کہ وہ اپنے باسیوں کو شناخت دیتا ہے، آج بھارت میں آباد مسلمانوں کی تعداد پاکستانیوں سے زیادہ ہے، جن میں سے بہت نے معاشرے میں اپنی محنت سے اپنا مقام حاصل کرلیا ہے اور زندگی کے تقریباً ہر شعبہ میں خود کو منوا چکے ہیں ، مانا کہ ہندو سے زیادہ متعصب شاید کوئی قوم نہیں لیکن ہمارے ملک کے کچھ گروہ شاید دنیا بھر میں تعصب کے معاملے میں سونے کے تمغے کے حقدار ہوں، جو دوسروں کی مساجد تک میں بم دھماکے کرنے سے باز نہیں آتے، دوسرے مسلک کا خواہ چھوٹا بچہ بھی ہو وہ اسے بھی قتل کرنے سے دریغ نہیں کرتے، میں نادم ہوں کہ ہم میں ایسی کالی بھیڑیں موجود ہیں جو دراصل کالی بھیڑ کا لبادہ اوڑھے بھیڑیے ہیں۔
باقی باتوں پر میں ہمدانی صاحب سے متفق ہوں قائدِ اعظم سے لے کر بھٹو شہید تک جیسی شخصیات (منفرادات) پر مجھے بھی فخر ہے اور دفتر شاہی نظام اور اس کے پیدا کیے بد عمل حکمرانوں پر میں بھی شرمندہ ہوں۔
محترمہ بہن ماریہ علی صاحبہ ! عرض ہے کہ جب اپنے ملک کے بارے میں اپنے ہی لوگ اچھا اور برا لکھیں گے تو پڑھنے والوں کو بھی ان کی رائے کا احترام کرتے ہوئے حقائق کی اور حقائق سے الگ باتوں کی نشاندہی کردینی چاہیے (بشرط کہ ان کی رائے لکھنے والے سے الگ ہو) اس طرح گفتگو یقیناً کوئی غلط موڑ نہیں کاٹے گی، ہم اگر ذرا کشادہ دلی اور وسعتِ نظر سے کام لیں تو کسی بدمزگی کا کوئی اندیشہ نہ رہے۔
محترمہ بہن سیدہ ثناء شاہ صاحبہ ! کی باتں بہت اعلٰی ہیں “ سب کی رائے اپنی اپنی ھوتی ھے ، یہ محض سوالات ہیں اور دوسرے بلاگ کا مقصد تو ہوتا ہی سیھکنا اور سکھانا ھے، تو جب تک بحث مباحثہ نہیں ھو گا ، نئی چیزیں کیسے سامنے آئیں گی اور چلیں اگر آپ ان سوالوں کے خلاف ہیں تو پھر کچھ خلاف ہی لکھ دیں 🙂 (بہن کا سب سے خوب صورت جملہ) تعریفیں تو سب کرتے ہیں، تنقید کرنے والا کوئی کوئی ھوتا ھے ! سو آپ لکھیں اور عالمی بلاگ کی یہی بات منفرد ھے کہ اس میں آزادئ رائے ھے ! جس کی وجہ سے مجھے بےحدپسند ھے۔ “
عمران چوہدری صاحب نے بھی عمدہ بات کہی وہ لیڈروں بلکہ حادثاتی گیدڑوں والی بالکل بات اسی طرح ہے، مےید ایک نکتہ کی طرف اشارہ کرنا چاہوں گا کہ ہم کو شخصیات سے ہٹ کر بات کرنی چاہیے، شخصیات کی بات افکار کی حد تک انفرادی خصوصیات کی حد تک تو درست ہے لیکن کسی پورے ملک کی معیشیت، سیاست، نظم و نسق وغیرہ کی جب بات ہو گی تو اس کے پسِ پردہ ایک پورا نظام ہوگا جو ذمہ دار ہوگا ہر اچھے اور بُرے کا، زرداری اکیلا ملک پر حکمرانی نہیں کررہا بلکہ ایک پورا ٹولہ اس کے پیچھے بیٹھا ہے، اس بات کی دلیل کے طور پر عرض ہے کہ امریکہ دنیا کا وہ ملک ہے جہاں موٹے لاگوں کی شرح سب سے زیادہ ہے، دوسری بات کہ گنجہ پن مردوں کی بیماری ہے اور پچاس نہیں تو تیس چالیس فی صد مرد حضرات اس کا شکار ہیں، لیکن امریکہ، جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور متمدن قوم کہتے ہیں، کے تمام صدور میں سے کوئی ایک بھی نہ تو موٹا ہے اور نہ ہی گنجا، سب کے سب سمارٹ اور دوکان کی کھڑکی میں رکھے نمائشی گُڈوں کی طرح، اس لیے کہ یہ سب دراصل ہیں ہی نمائش کے لیے، ان کا کام صرف غر ملکی وفود کے ساتھ ہاتھ ملانا اور تقریریں وغیرہ کرنا ہی ہوتا ہے، حکومت اور ملکی نظام چلانے والے اور ہیں۔
وطنِ عزیز پاکستان میں شخصیات نہیں بدلنی بلکہ نظام بدلنے کی ضرورت ہے۔ طوالت پر معذرت خواہ ہوں۔
محتاجِ دُعا۔

13 thoughts on “Proud being a PAKISTANI (once more”

  1. برادر محترم مناف صاحب کا یہ بلاگ بہت فکری اور تعمیری سوچ کا حامل ہے۔ میں تمام بلاگ لکھنے والوں سے ملتمس ہوں کہ اس موضوع پر ضرور لکھیں کہ یہ ایک اہم موضوع ہے۔ اس طرح کے فکری موضوعات پر تحریر کرنے سے ہم کم از کم اپنی سوچ اور فکر کا اظہار ضرور کر سکتے ہیں جس سے شعور و فکر کے نئے نئے راستے بھی کھلتے ہیں۔ میں خود بھی ان نکات پر جلد ہی تفصیل سے لکھوں گا۔

  2. ماشااللہ کافی اچھا اور حقیقت پے مبنی بلاگ لگایا ھے ! اور اچھی سوچ ھے !
    بےشک پاکستان کسی کا بھی ذمہ دار نہیں ھے پر دنیا کے سامنے تو ھر کسی کا ذمہ دار پاکستان کو ھی ٹھرایا جاتا ھے، آپ نے صحیح فرمایا کہ اگر کوئی کسی عمل کا ذمہ دار ہے تو کوئی ایک شخص یا اشخاص کا کوئی گروہ، مثلاً کوئی ایک سیاست دان یا ایک سیاسی جماعت یا کوئی ملکی یا غیر ملکی حکومتی ٹولہ وغیرہ۔ پر یہ بھی ھے کہ کام کوئی ایک کرتا ھے نام ملک کا آتا ھے ! الحمدللہ ۔ اللہ تعالٰی نے ہمارے مُلک کو ہر قسم کی نعمت سے مالامال کیا ہے لیکن ہم وطنوں کی ناسمجھی کی وجہ سے قوم تنزل کا شکار ہے۔
    اور آخر میں آپ نے بہت اچھی بات کی کہ ‘وطنِ عزیز پاکستان میں شخصیات نہیں بدلنی بلکہ نظام بدلنے کی ضرورت ہے۔ ‘
    اللہ پاکستانیوں اور پاکستان کی حالت پر رحم فرمائے آمین

  3. محترمی مناف صاحب

    جب 1965 کی جنگ ہورہی تھی میں اسوقت لندن کے امپیریل کالج میں طالبِ علم تھا۔ وہاں Daily Telegraph اخبار نے غلط خبر شائع کردی کہ بھارت نے لاہور پر قبضہ کرلیا۔ کالج لابی میں کوئ سو سوا سو لڑکے TV دیکھ رہے تھے تو ایک مشرقی پاکستانی لڑکے نے ایک سکھ کی پگڑی اتار کر اسکے بال کھنچ کر سکھ کی پٹائ شروع کردی۔ گوروں نے دونوں کا بیچ بچاؤ کروایا ۔ اپنے مذہب اور وطن سے سبکو محبت ہوتی ہے اور وہ ہم سب کو بھی ہے۔ ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ

    Beggars can not be the choosers

    تو جب تک ہم بھیک مانگتے رہیں گے دنیا ہم پر ہر قسم کے غلط الزام بھی لگائے گی اور ہمیں ذلیل بھی کرتی رہے گی۔

  4. برادرم ظفر جعفری نے بہت پتے کی اور بڑی بات کی ہے کہ ”Beggars can not be the choosers تو جب تک ہم بھیک مانگتے رہیں گے دنیا ہم پر ہر قسم کے غلط الزام بھی لگائے گی اور ہمیں ذلیل بھی کرتی رہے گی”۔ یہی وہ چیز کا جس کا ہمارے حکمرانوں نہیں بلکہ حاکموں کو کبھی احساس ہی نہیں ہوا۔ میں حکمران کا لفظ اس لیئے استعمال نہیں کیا کہ حکمران تو عوام کے ہوتے ہیں،عوام مین سے ہوتے ہیں اور عوام کے لیئے ہوتے ہیں جبکہ حاکم کے ساتھ محکوم کا لفظ آتا ہے جو ہمارے 17 کروڑ سے زیادہ لوگ ہیں۔جی محکوم۔

  5. سلام”علیکم
    محترم جناب جعفری صاحب ! آپ نے سچ کہا کہ “اپنے مذہب اور وطن سے سبکو محبت ہوتی ہے اور وہ ہم سب کو بھی ہے۔” اور یہ Beggars والی بات بھی حقیقت ہی ہے۔
    محترم ہمدانی صاحب نے حکمران اور حاکم کی اصطلاحات کی تشریح اور الگ الگ معانی بیان فرمائے یہ بھی بات کو واضح کرنے اور گفتگو کو آسان بنانے میں بہت مدد دیں دے، شکریہ۔
    ہمدانی صاحب نے جعفری صاحب کے جملے “جب تک ہم بھیک مانگتے رہیں گے دنیا ہم پر ہر قسم کے غلط الزام بھی لگائے گی اور ہمیں ذلیل بھی کرتی رہے گی” کی وضاحت میں فرمایا کہ “یہی وہ چیز کا جس کا ہمارے حکمرانوں نہیں بلکہ حاکموں کو کبھی احساس ہی نہیں ہوا”۔ بے شک بات بالکل اسی طرح ہے، اسی بات کو اپنے الفاظ میں ایسے عرض کروں گا کہ ۔ ۔ ۔
    بھیک ہم نہیں مانگتے بلکہ ہمارے حاکم بھیک ماگتے ہیں، نہ میں آپ اور نہ ہی باقی عوام بھیک مانگ کر رہنا چاہتے ہیں اور نہ ہی ایسا کرتے ہیں بلکہ حاکم طبقہ جو نہ تو عوام میں سے ہیں اور نہ ہی ان کو عوام کی ذرہ برابر بھی کوئی پرواہ ہے یہ اُنہی کے منصوبے ہیں۔
    ہمارا نظام اس طرح کا بنا دیا گیا ہے کہ سونے کی چڑیا ہندوستان کی تمام دولت سمیٹ کر ملک کو Divide and rule کے شیطانی کلیہ کے تحت توڑا گیا پھر جاتے وقت ہمارے ملک میں ایک ایسا نظام چھوڑ گئے کہ ہم ہمیشہ ان کے غلام ہی رہیں۔
    ملک ہمارا لیکن سرکاری زبان اُن کی ہوگی۔
    ملک ہمارا لیکن کھائیں گے ہم ڈالڈا اور جوتے پہنیں گے باٹا کے۔
    ملک ہمارا لیکن قانون ان کا یعنی تعزیراتِ پاکستان جو اٹھارویں صدی کا بوسیدہ انگریزی قانون ہے(پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ)۔
    ملک ہمارا جس پر پہلے گورے حاکم تھے اب ہماری شکل کے(کالے) گورے(گوروں کے نمائندے)حاکم ہیں جن کا فرض صرف اپنے آقاؤں کے فائدہ کے لیے ان کے حکم کے مطابق کام کرنا ہے نہ کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے۔ ہم کو پارٹیوں، لیگوں، جماعتوں اور جمیعتوں وغیرہ میں الجھا کر ہمارے ملک کے تمام قدرتی وسائل لوٹ کر اس کے بدلے اپنی مرضی کا سامانِ حرب بیچ کر (یہ کہہ کر کہ تمہارا دفاع مظبوط ہونا چاہیے، عوام خواہ بھوکی مرے) ہم کو یہ بتایا جاتا ہے کہ ہم بھیک مانگتے ہیں۔ امریکہ اگر ہم کو امداد نہ دے تو ہم مر جائیں گے، ہمارا رازق و رزاق بلکہ ہمارا رب ہے (نعوذ باللہ)، یہ وہ سوچ ہے جس کا بیج ہمارے اذہان میں بویا جارہا ہے۔
    میں عرض کروں گا کہ پاکستان کی تاریخ اتنی پرانی ہے جتنی شاید اس وقت کسی ملک کی بھی نہ ہو بشمول چین، سوریااور عراق کے، موئنجو داڑو سات ہزار سال پرانا ہے، یہ خطہ ء ارض تو ابراہیم علیہ السلام کے زمانہ سے بھی پہلے آباد تھا، بھارت میں اس وقت درختوں پر لنگور اپنی دموں سے لٹکے ہوتے تھے (ہندوستان ہمارا) مجھے فخر ہے پاکستان پر۔
    دنیا کا نقشہ سامنے رکھیے کہیں بھی پنجاب کی طرح پانچ دریا اتنے محدود علاقہ میں بہتے نظر نہیں آئیں گے، اگر کہوں کہ یہ دنیا کا زرخیز ترین علاقہ ہے تو یقیناً مبالغہ نہ ہوگا، مجھے فخر ہے پاکستان پر۔
    دنیا کے بلند ترین سلسلہ کے برف پوش پہاڑوں سے لے کر، زرخیز ترین وادیوں سے ہوتے ہوئے ریگستانوں اور پتھریلے پہاڑوں سے گزرتے ہوئے ساحلِ سمندر تک پھیلا ہوا ہے میرا ملک، مجھے فخر ہے پاکستان پر۔ وغیرہ وغیرہ وغیرہ لیکن
    ہمارا ملک زراعت کے لیے زرخیز ہے اور معدنیات و دیگر قدرتی وسائل سے پُر ہے لیکن ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ہم بھیک مانگ کر کھاتے ہیں۔
    ہمارا ملک ثقافت و تہذیب کا گہوارہ ہے اور ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ہم دہشت گرد ہیں۔
    ہم ایک مکمل ضابطہء حیات رکھتے ہیں اور ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ہمیں سیاست و اقتصادیات کا درک نہیں۔ وغیرہ وغیرہ وغیرہ
    عزیز ہم وطنو ! ہمارے اس پیارے وطن کا نظام ایسا بنادیا گیا ہے کہ اس میں عوام کی بھیڑ بکریوں سے بھی کم وقعت ہے حاکم وہی بنے گا جو اغیار کے سامنے ان کی فرمانبرداری کا وعدہ کرے گا خود جتنا بھی چاہے کھائے پیے موج کرے لیکن ملک کے معاملات آقا ہی کی مرضی کے مطابق طے ہوں گے۔ وغیرہ
    ہمیں نظام بدلنے کی ضرورت ہے، موجودہ نظام کے تحت جو بھی آیا وہی کرے گا جو پچھلے ساٹھ سال سے ہوتا آرہا ہے۔

  6. ماشا اللہ برادر محترم مناف ۔ کیا فکر ہے۔ لیکن کیا کریں کہ ایسے سنجیدہ موضوعات پر لکھنےوالے احباب بہت کم ہیں۔ سچ پوچھیں تو فضا بھی مفاد پرست حاکموں کی پیدا کردہ ہے کہ ذرائع ابلاغ پر زیادہ سے زیادہ کھانا پکانے کے پروگرام چلاتے رہو اور فکر وشعور و آگہی کی بات کو کسی دوسرے تک پہنچنے ہی نہ دو۔ لیکن صالحین کی جمیعت تو ہمیشہ مختصر ہی رہی ہے نا۔آپ نے بھی وہی پتے کی بات کی ہے جو ہم گزشتہ کئی برس سے کرتے چلے آ رہے ہیں کہ ”ہمیں نظام بدلنے کی ضرورت ہے، موجودہ نظام کے تحت جو بھی آیا وہی کرے گا جو پچھلے ساٹھ سال سے ہوتا آرہا ہے”۔ نظام بدلنے کے متعدد مراحل ہیں جن میں سے اہم ترین مرحلہ عوام کو کہ جو اصل حکمران ہوتے ہیں انکو شعوری اور فکری طور پر تیار کرنا اور انہیں انکی طاقت کا ادارک کروانا۔ ہمارے ہاں جن شعبوں اور اداروں کو یہ اہم ترین کام کرنا ہے ابھی تو خود انکی اپنی تربیت کی ضرورت ہے۔ ہم طویل المعیاد منصوبہ بندی والے لوگ نہیں بلکہ ایڈہاک ازم یعنی روزانہ کی بنیاد پر ہر کام کرتے ہیں۔ اصل روح انقلاب یہی ہے کہ فکر و شعور کو بیدار کیا جائے تا کہ حاکموں کو اپنے کڑے عوامی احتساب کا خوف رہے جو فی الحال پاکستانی معاشرے میں ناپید ہے اور اسی وجہ سے صرف حاکم ہی نہیں بلکہ عوام بھی ایک دوسرے کو لوٹ رہے ہیں۔

  7. مناف صاحب ہمدانی صاحب کی تحریر فصیح و بلیغ ہے۔ ساری مشکلات ایک ہی حل ہے ۔وہ ہے تعلیم اور اس بات سے تعلیم یافتہ، غیر تعلیم یافتہ، عاقل، جاہل، امیر، غریب سب ہی اتفاق کرتے ہیں۔ تعلیم کی مخالفت پادری، پنڈت، کٹھ ملّا اور جاگیر دار خاموشی اور چالاکی سے کرتے ہیں اور ہمارے معاشرہ یہ کامیاب ہیں۔

    یہ بات تو سب جانتے ہیں ہمارے مسائل کا حل تعلیم ہے۔ لیکن میرا سوال یہ ہے کہ کیا بغیر فرانسیسی انقلاب کے ہمارے عوام کبھی تعلیم حاصل کر پائیں گے۔ یہودی اور ہندو تو تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

  8. محترم ہمدانی صاحب ! ہمت افزائ کا شکریہ،
    محترم ظفر جعفری صاحب ! آپ نے سچ کہا کہ “ہمدانی صاحب کی تحریر فصیح و بلیغ ہے” فصاحت کہتے ہی اس کو ہیں کہ تھوڑے الفاظ میں مطلب کو مکمل طور پر بیان کردینا ہمدانی صاحب کی یہ بات ۔ ۔ ۔
    “نظام بدلنے کے متعدد مراحل ہیں جن میں سے اہم ترین مرحلہ عوام کو کہ جو اصل حکمران ہوتے ہیں انکو شعوری اور فکری طور پر تیار کرنا اور انہیں انکی طاقت کا ادارک کرواناہے” اور
    “اصل روح انقلاب یہی ہے کہ فکر و شعور کو بیدار کیا جائے” یہی مسئلہ کے حل کی جانب پہلا قدم ہے۔
    لیکن کیسے ؟؟؟ اس نظام کے ہوتے ہوئے تو یہ ناممکن ہے جیسا کہ ہمدانی صاحب نے بھی فرمایاہے کہ
    “فضا بھی مفاد پرست حاکموں کی پیدا کردہ ہے کہ ذرائع ابلاغ پر زیادہ سے زیادہ کھانا پکانے کے پروگرام چلاتے رہو اور فکر وشعور و آگہی کی بات کو کسی دوسرے تک پہنچنے ہی نہ دو” اور
    “ہمارے ہاں جن شعبوں اور اداروں کو یہ اہم ترین کام کرنا ہے ابھی تو خود انکی اپنی تربیت کی ضرورت ہے”
    اب کیا کیا جائے ؟؟ کہاں اور کیسے شروع کی جائے عوام کی فکری و شعوری تربیت؟؟ کون کرے یہ کام اور کس طرح ؟؟؟؟؟

  9. السلام ُ علیکم مناف بھائی ماشااللہ آپ کا بلاگ بہت بہترین اور با معنی ہے اور آپکی تمہید تو بہت ہی شاندار ہے
    بھائی میں نے ثنا ء کے بلاگ میں جو لکھا جس کو آپ نے یہاں کوڈ کیا اسکا قطعی مقصد یہ نہیں کے میں پاکستان اور پاکستانی ماحول اور حالات پر بحث کے خلاف ہوں
    اصل بات فقط اتنی سی ہے کے ہمارے بلاگز میں پتہ نہیں کب بات با معنی ہوتے ہوتے تکرار اور ذاتیات تک آ جاتی ہے اور ایسے سوالات کو بنیاد بنا کر الگ الگ محاذ کھل جاتے ہیں
    بہر حال میرے لکھنے کا انداز ایسا تھا کے جو میں اگر خود پڑھ رہی ہوں تو مطلب بلکل الگ ہی دکھائی دے رہا ہے (‌جو کے میرا مطلب نہیں تھا‌) خیر میں اسکے لئیے کھلے دل سے معافی مانگتی ہوں اگر کسی کو برا لگا ہو‌!
    میرے خیال میں اپنی غلطی پر کھلے دل سے معافی مانگ لینا بڑا پن ہوتا ہے نا کے اس میں‌عزت کم ہو جاتی ہے
    خیر اصل عنوان پر آتی ہوں
    پاکستان کی تاریخ جہاں تک مجھ کم علم کو یادہے پاکستان میں بہت بڑے بڑے لیڈر گزرے ہیں جس میں قائد اعظم سمیت کئی اکابرین سے لیکر ذولفقار علی بھٹو صاحب شامل ہیں، جنہوں نے پاکستان کو 73 کا آئین دیا ورنہ ہم شاید لا قانونیت کی ابدی تاریخ رقم کر دیتے۔
    دنیا میں طالبان یا اس جیسے دوسرے ایشوز جو کے پاکستان کے نام سے جوڑے جاتے ہیں اور اب پاکستان پر ایک بد نماء داغ بن گئیے ہیں تو میری اپنی ذاتی رائے یہی ہے کے ہماری حکومتوں نے ایسے عناصر کواپنے مفادات کے لئیے پیدا کیا مگر اب یہی عناصر ہیں جو کے اپنی ہی آستین کے سانپ بن کر آپ کو ہی ڈس رہے ہیں ۔ در اصل کسی کو اسلحہ تھما کر طاقت ور بنانا تو آسان ہے، مگر جب کوئی کرائے کا پہلون طاقت کا نشہ چکھ لے تو اسے غیر مسلح کرانا نہایت مشکل کام ہوتا ہے۔ پھر خاص طور پر جب کمانڈ اینڈ کنٹرول کا نظام موجود نہ ہو۔ طالبان اور افغان مجاہدین با قاعدہ ایک فوجی طاقت کے برابر تربیت یافتہ افراد تھے، جن کا کوئی مرکزی کنٹرول تھا ہی نہیں۔ ایسے میں سابقہ سویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد انکے کسی فعل کا در اصل کوئی بھی ذمہ دار نہ رہا تھا، اور انکی مثال ایک ان گائڈڈ میزائیل کی سی تھی۔ اس لئے پاکستان قطعی طور پر تو نہیں، لیکن جزوی طور پر انکے کئے دھرے میں شامل ضرور رہا ہے۔
    اگر ان عناصر کے پس منظر میں جائیں تو انکو سابقہ حکومتوں نے بظاہر تو پاکستان کے مفادات کے لئیے استعمال کیا مگر دراصل اپنے مفادات بھر پور طریقہ سے حاصل کئیے ۔اب اس میں نام آ گیا پاکستان کا
    یہ رائے فقط ذاتی مطالعہ کی بنا پر ہے آپ سب برا مت منائیے گا کیونکہ میں نا تو باقاعدہ سیاست سے واقف ہوں اور نہ ہی تاریخ پر کوئی خاص گرفت ہے، لیکن زمینی حقائق کی روشنی میں مجھے یہی سمجھ میں آیا جو کہ دیا۔ امید ہے آپ احباب ہمت افزائی کریں گے۔
    اور خاص‌طور پر امید کرتی ہوں ھمدانی صاحب ۔قاضی صاحب ۔ نگھت نسیم صاحبہ اور مصباح بھائی جیسے با علم حضرات مجھے اپنی چھوٹی بہن اور بیٹی سمجھ کر میری رہ نمائی فرماتے رہیں گے
    ماریہ علی

  10. ماریہ بی بی۔آپ سیاست بھی واقف ہیں اور اپکی تاریخ پر بھی گرفت ہے۔آپ نے جو تجزیہ کیا ہے وہ زمینی حقائق اور ایک عام فرد کا تجزیہ ہے کسی نام نہاد پیشہ ور صحافی کا نہیں۔ بات یہ ہے کہ ہم سب اپنی اپنی سوچ رکھتے ہیں اور اپنی اپنی فکر کا اظہار کرتے ہیں اور یہی تنوع تو حُسن ہے اس سارے عمل کا۔ کچھ افراد کا موضوع سے ہٹ جانا بھی ایک فطری عمل ہے رہا معاملہ ذاتیات کا تو اگر غور سے دیکھیں تو ذاتیات کوئی بری بات نہیں۔ہاں جب تک زاتیات کو منفی صورت میں نشانہ نہ بنایا جائے۔ میں نے مولائے کائنات کا یہ صادق قول کئی بار لکھا ہے کہ ” اپنی بات کہنے سے مشکل دوسرے کی بات سننا ہے”اگر یہ ہی ایک وصف ہم خود میں پیدا کر لیں تو کتنے مسائل سلجھ جائیں۔ہاں ایک ہی بات کی تکرار اور ہٹ دھرمی اچھی فکر کو زنگ کی طرح کھا جاتی ہے۔ علم تو اللہ کی پہچان ہے۔علم تو یزدان ہے،علم تو ایمان ہے۔ اللہ تعالیٰ باب العلم کے صدقے ہم سبکو علم کی خیرات عطا کرے۔ آمین

  11. آپ سب سے معزرت کے ساتھ ۔اس بلاگ کے عنوان سے بلکل ہٹ کر بلاگ لکھ رہی ہوں
    قاضی صاحب کا کوئی بھی بلاگ گزشتہ دو روز سے عالمی اخبار میں شائع نہیں ہو رہا ۔ کیا یہاں کی انتظامیہ کو ان کی غیر موجودگی کی وجہ معلوم ہے ؟

  12. بے شک ھمدانی صاحب آپ نے بلکل درست فرمایا ہے
    محتاج دعا
    ماریہ علی

  13. ماریہ علی بہن ! یہ بلاگ لکھنے کی ایک خامی کا اندزہ مجھ کو ہو گیا ہے اور وہ یہ کہ ہم اپنے الفاظ میں جذبات کا رنگ بھرنے سے کاملاً قاصر رہتے ہیں جس کے نتیجے میں بات کا بتنگڑ بن جاتا ہے یعنی انسان کہنا کچھ اور چاہ رہا ہوتا ہے لیکن پڑھنے والا کچھ اور ہی سمجھ رہا ہوتا ہے، یقینا جانیے کہ آپ کی کس بات کا نہ تو بُرا نہیں منایا گیااور نہ ہی میں یہ سمجھا کہ آپ نے اس بات کی مخالفت کی کہ پاکستان اور پاکستانی ماحول اور حالات پر بحث ہو، آپ کو معذرت کی بالکل کوئی ضرورت نہیں، بلکہ میں تو کہوں گا کہ آپ کی پہلی کہی اور اب کی کہی باتیں، آپ کے نظر، آپ کی سوچ اور سب سے بڑھ کر آپ کی بات کو کہہ دینے کی جرات قابلِ تعریف ہیں، محترم ہمدانی صاحب نے بہترین بات کہی کہ “اگر غور سے دیکھیں تو ذاتیات کوئی بری بات نہیں۔ہاں جب تک کسی کی ذات کو منفی صورت میں نشانہ نہ بنایا جائے”۔
    دوسری بات کہ مجھے اس اعتراف میں قطعاً کوئی عار نہیں کہ میرا بھی نہ تو سیاست نہ تاریخ اور نہ ہی کسی بھی ایسش شعبے سے کوئی (پیشہ ورانہ) تعلق نہیں ہے، میں نے بھی اوپر یہ ساری باتیں، وہ سوالات جو ذہن میں ہیں، اسی لیے لکھ دیے کہ ہم وطن اس پر اپنے خیالات سے نوازیں اور مستفید ہو سکوں۔
    دُعاؤں میں ضرور یاد رکھئیے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *