اپنی دوست اور عزیز بہن شاہین حیدر رضوی کے خط کا جواب

nighat-shaheenمیری اچھی ۔۔ میری دلاری ۔۔۔میری پیاری بہن
کیا بتاؤں کہ تم میرے لئے کیا ہو
تم دعاؤں کی ایسی پاکیزہ کتاب ہو
جس کو پڑھنے سے غم جاتے ہیں اور دل بہلتے ہیں
تسلی کی زنبیل کھلتی ہے امیدوں کے چراخ جلتے ہیں
یوں جیسے تم میں نوروآگہی کے جھرنے بہتے ہیں
میں اکثر نہیں ۔۔۔ دن رات یہی سوچتی ہوں
تم میری ماں سے نہیں جنمی پر میرا حصہ ہو
بس اب ..
بتا نہیں سکتی کتنا تمہیں یاد کرتی ہوں
ہر طرف کس طرح کی کمی سی پاتی ہوں
سنو ۔۔شاہین ۔۔پتہ کیا ۔۔
اکثر تمہارا وقت اپنی کلائی پر باندھ لیتی ہوں
دھیان ہی دھیان میں سوچتی ہوں ۔۔
اب صبح کی تازہ ہوا نے تمہارا ماتھا سہلایا ہو گا
“ اٹھ جاؤ اب “ کہتے ہوئے میرا بتایا ہو گا
لو اب توصبح کی کرن نے بھی تمہیں جگا دیا ہو گا
اس نے بھی کان میں میرا ہی بتایا ہوگا
کہا ہو گا دفتر کو دیر ہو رہی ہے شاہین
لو دیکھو … اب دفتر کو دیر ہو ہی گئی
تم نے بیگ سنبھالتے ہوئے لنچ باکس کو بھولا ہو گا
اوہ ۔۔۔ لنچ ٹائم ۔۔ تم نے گھڑی دیکھی ہو گی
چلو گھر جا کر کھا لونگی میری ہی طرح سوچا ہو گا
شام کو گھر لوٹتے وقت
میری ہی طرح فائلوں کو مڑ مڑ کر دیکھا ہوگا
میری بہن میری راج دلاری میری نور نظر
اب کیسے بتاؤں تمہیں ۔۔
جوں جوں وہاں شام ڈھلتی ہے
میرے آنگن میں صبح اترتی ہے
پھر ۔۔
تمہاری بہت یاد آتی ہے ۔۔ دیر تلک ستاتی ہے
تم اکیلی ہو ۔۔ خوش ہو کہ اداس ، سوچ رلاتی ہے
آج ہی تمہارا خط ملا تھا ۔۔ تم نے لکھا ۔۔
مجھے بھول گئی ہو میری بہن ۔۔ حساب لگاؤ تو ۔۔
کتنی راتوں کی سحر ہوئی اور کئی بار آنکھ ہی نہ کھل سکی
پریوں کی ملکہ بھلا کیوں اب مجھے تم جگاتی نہیں ہو
میں تصور میں تمہیں لا کر جواب لکھ رہی ہوں ۔۔
ایسا کیسے بھلا ہو سکتا ہے ۔۔ پگلی ۔۔
ارے بہن کو کیسے کوئی بھول سکتا ہے
میری اچھی بہن ۔۔
تم جانتی ہو نا دیر سویر زندگی کا کھیل ہے
پر سنو
سچ مچ جو تمہاری بہن پریوں کی ملکہ ہوتی
دریا سمندر سب کچھ الٹ دیتی
اور
جادو کی چھڑی سے اپنے دن تمہاری راتوں سے ملا دیتی

25 thoughts on “اپنی دوست اور عزیز بہن شاہین حیدر رضوی کے خط کا جواب”

  1. میری لائق بیٹیوں ،شاہین حیدر ،نگہت نسیم پرور دگار عالم تم دونو ں کی دوستی کے آسمان پر اپنی رحمتوں کی ٹھنڈ ی چھاؤں سائہ فگن رکھّے ،آمین
    مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب کا فرمان ہے جس کا کوئ دوست نہیں وہ دنیا کا سب سے مفلس انسان ہے ،مولائے متّقیان کے اس فرمان کی روشنی میں ہم دیکھنا چاہیں تو یہ کسی بھی اس فرد کی خوش نصیبی ہے کہ اس کو ایک بے غرض اور مخلص دوست میسّر ہو

    دعاگو زائرہ بجّو

  2. اسلام علیکم پیاری بہنوں شاھین حیدر اور نگہت نسیم اللہ تمہاری دوستی کو ہمیشہ قائم رکھے ۔
    دوست وہ دولت ہے جو بہت قیمتی ہے ۔جنہیں یہ دولت حاصل ہے وہ دنیا کے امیر ترین لوگ ہیں ،
    اور آج کل کے دور میں مخلص اور ہمدرد دوست تو عنقاء ہیں اس لئے خوش قسمت ہیں وہ لوگ جنہیں دوستی میسر ہے ۔
    کہ دوستی شاید سارے رشتوں سے بڑھ کر ایک رشتہ ہے جو اپنے اندر ایسا جزبہ رکھتا ہے جس کے آگے سب جزبے ہیچ ہوجاتے ہیں ۔
    بس جنہیں سچے دوست نصیب ہیں وہ خوش قسمت ہیں ۔
    اللہ تم دونوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ۔
    عالم آرا

  3. واہ واہ.ماشااللہ
    بلاگ فیملی کے دوستو. میں حیران ہوں کہ یہ کیسی محبت،انسیت اور یگانگت ہے کہ ڈاکٹر نگہت نسیم نے شاہین رضوی کو آج تک دیکھا نہیں اور ان سے بالمشافہ ملی بھی نہیں،لیکن انکے بارے میں جن خیالات کا اظہار کیا ہے ان میں ایک رتی بھر کمی نہیں. میں تو بارہ روز شاہین کی میزبانی کا لطف اٹھا کر اور سرا تا پا انکی محبتوں کا مقروض ہو کر کویت سے واپس لندن پہنچا ہوں اور میں ڈاکٹر نگہت کے ایک ایک مصرعے میں شاہین کو معکوس کر سکتا ہوں.اب جی چاہتا ہے میں بھی اس پرسکون اورخمیر محبت سے تخلیق پانے والی اس روح کے بارے میں منظوم کچھ لکھوں. لیکن کچھ دن بعد.

  4. اسلام و علیکم

    میں نے ابھی جیسے ہی فرصت ملی بلاگ چیک کیا تو کیا دیکھا کے ایک خوبصورت خط میرا منتظر ہے – جو میرے لئے نہیں مگر میرے اپنوں کا اپنوں کے لئے ہے ۔۔ میری آپی نے شاہین آنٹی کے لئے جس محبت اور اُلفت کا اظہار کیا اور جن الفاظ میں کیا پڑھ کے دل خوش بھی ہوا اور کُچھ اُداس بھی ہوا آپ لوگوں کے مابین دوری کا سوچ کر پھر ایک خیال ماند برک میرے ذہن میں کوندا ،

    دلوں کے قرب مقدم ہے چاہتوں کے لئے
    نظر کے فاصلوں کو فاصلہ نہ سمجھا کر

    پھر سوچا کہ ہاں فاصلہ محسوس کرو تو ہی پیدا ہوتا ہے ورنہ جو لوگ دل میں ڈھرکن بن ڈھرکتے ہوں ، خواب بن پلکوں کی نازک نوکوں پر چمکتے ہوں ۔۔ جو خوشبو کی ماند ہمارے اردگرد حصار بنائے رکھتے ہوں ۔ جن کی سانسوں کی ڈور ہماری سانسوں میں پیوستہ ہوں ۔ جن کی ہنسی ہم کو مُسکرانے پر مجبور کر دیتی ہو ۔ جن کے آنسو ہمارے اندر کے ہر موسم کو نم کر دینے کا ہُنر رکھتا ہو وہ لوگ کبھی ہم سے نہ تو جُدا ہوتے ہیں نہ ہی زمان و مکان کی قید اُن کی محبت کو پابند کر پاتی ہے کیونکہ محبت سچی محبت تو ہر دوری سے ہر مجبوری سے ماورا ہوا کرتی ہے ۔ آپ دونوں کی یہ محبت ایک دوسرے کے لئے خلوص سے پُر دھڑکتے دل سب سے اپم سب سے خاص ہے خدا آپ کے اس پاک و پاکیزہ رشتے کو دُنیا جہان کے ہر سرد و گرم سے تاحشر محفوظ رکھے الہی آمین ۔

    آپ دونوں صدا شاد آباد اور ایک دوسرے کے لئے اتنے خلوص کے ساتھ سلامت رہیں

    خدا حافظ

    طالب ِ دُعا

    ثمرین بخاری

  5. عالمی اخبار کے کنبے کی لا جواب بیٹیوں نگہت نسیم اور شاہین حیدر کی بے مثال دوستی پر کچھ بے ترتیب سے الفاظ کو جوڑنے کی کوشش کی ہے جو عالمی اخبا ر کے قارئین کی نظر ہے ،

    اس کرّہ ارض پر آج ،

    دو ہستیاں ایسی بھی ہوئیں

    جو ایک دوجے سے کبھی مل نا سکیں

    پر دور بھی رہ نا سکیں

    ہاں ! فون پر ان کی جو کچھ بات ہوئ

    سمجھو آدھی تو ملاقات ہوئ

    دل کی محبّت بھی سَوا ہاتھ ہوئ

    اب یہ رشتہ ہے جو دل کا ،

    امر بیل بنا جاتا ہے

    سینچنے کے لئے اس کو خون جگر آتا ہے

    اس محبّت کا فسوں ،خون جگر سے مل کر

    دل کے آنگن میں نمو پاتا ہے

    میری شاعری آنکھیں بند کر کے پڑھنے والی ہوتی ہے اس لئے ساری غلطیاں معاف

    اللہ بگہبان

  6. ثمرین گڑیا اللہ پاک تمہارے قلم کو یونہی رواں رکھّے ،اس قدر حسین تبصرے کے الفاظ کو تو میں اپنے کسی افسانے میں شامل کر سکتی ہوں سوچنے کی زحمت سے بچ جاؤں گی

    دعاؤں کے ہمراہ

    فی امان اللہ

  7. بجو جی واہ واہ آپ نے توکمال ہی کر دیا .. صبح شاہین سے بات ہوئی تھی اس کا لیپ ٹاپ بیمار پڑا ہے .. اس لئے یہاں ابھی تک نہیں آسکی .. سچ دل چاہ رہا ہے کہ دوڑ کر اسے ڈیسک ٹاپ دے آؤں … پتہ نہیں آخر کویت میں ہی کیوں اتنی مشکل ہے .. آپ دعا کر یں نا بجو کہ اس کی ہر مشکل دور ہو جائے اور وہ پابندی سے یہاں وہاں اپنے کام کیا کرے ..
    ایک دفعہ پھر آپ کی دعاؤں اور توجہ کا بے حد شکریہ .. جی چاہ رہا ہے کہ آپ کے گلے سے لگ جاؤں اور ڈھیروں دعائیں اپنے آنچل میں سمیٹ لاؤں ..

  8. بجو ثمرین ہے ہی اتنی پیاری کہ وہ میری بھی گڑیا ہے .. اللہ خوش رکھے .. نصیب اچھا کرے بہت ہی اچھی اور سلجھی ہوئی ہے .. میری چھوٹی سی یہ بہن اکثر مجھ سے ڈانٹ بھی کھاتی ہے لیکن اسے معلوم ہوتا ہے کہ جہاں پیار ہوتا ہے وہاں مان بھی ہوتا ہے .. اور جن پر مان ہو انہیں خفا تھوڑی ہونا ہوتا ہے .. اللہ پاک ہر خوشی ثمرین کو دے ..آمین .. بہت ہی اچھا لکھتی ہے .. مجھے یقین ہے کہ یہ بہت دور تک جائے گی .. انشاللہ

  9. آپا جی آپ کی محبت کی سرشاری میں ہوں .. اللہ کریم آپ کا سایہ مجھ پر سدا رکھے .. مجھے تو آپ کی دعاؤں کا جیسے انتظار سا رہتا ہے جیسے مل جاتی ویسے ہی سکون مل جاتا ہے .. جزاک اللہ ..

  10. بابا آپ کویت سے آچکے ہیں لیکن لگتا ہے کہ ابھی تک وہی ہی ہیں .. ہمیں بھی بتائیں نا کہ آپ کا سفر کیسا رہا .. سفرنامہ شروع کیجئے ناں پلیز .. آپ کی دعاؤں اور شفقتوں کے سائے میں رہتی ہوں بس یہی میری خوش نصیبی ہے … جزاک اللہ .

  11. شفاف دل اور پرخلوص مخلص بےمثال دوستوں ۔اللہ پاک آپ سب کو اپنے حفظ واماں میں رکھے۔ امین

    اس قریہ گل ریز میں ھر شخص ھے خوشبو
    تھک جاوگے کس کس کو گرفتار کروگے ۔

    سب سے پہلے تو آپ سب محبت کرنے والی ھستیوں سے معذرت کہ وقت اور حالات کی وجہ سے بروقت حاضری دنیے میں ناکام ھوجاتی ھوں ۔ اور پھر پہروں روتی ھوں ، کہاں تو ھر وقت اللہ تعالی سے یہ شکوہ شکایت کرتی رھتی تھی کہ مجھے اتنا تنہا کیوں کردیا۔ کہاں اب اتنے محبت بھرے دوستوں کی التفات کا جواب بھی نیہن دے سکتی ۔ ۔پریوں کی ملکہ میری بہت ھی عزيز اور دل میں سات سمندروں جتنا پیار رکھنے والی روحانی دوست ڈاکٹر نگہت باد نسیم ۔ مجھے اپنی کم مایئگی کا احساس مارے ڈالتا ھےمیری زندگی میں تو صرف سناٹا اور تنہائ ھے ۔ایسے مین تھماری خوشی اور مسرتوں کی برکھا میں ڈوبی آواز مجھے تنہائ کے زندان ستم سے باھر نکال کر لاتی ھے۔ اور پھر میں سوچتی ھوں محبت بھی تو گریٹ وال آف چائنا کی طرح ھوتی ھے چلتے چلتے آپ تھک جاتے ھیں مگر دوستی کی پھولوں بھری روش ختم نیہن ھوتی
    خاک سرسبز زمینوں کی کبھی
    بانجھہ مٹی کو کھلائ جاۓ

    تتلیاں پھول زندگی کی امنگ
    میرے کمرے میں سجائ جاۓ

    اور اس خوش یقین لمحہ کی
    اک تصویر بنائ جاۓ

    اپنی منظوم کہانی بھی کبھی
    دوستوں کو بھی سنائ جاۓ

    زخم بھر دے جو نارسائ کا
    وہ دوا مجھہ سےنہ کھائ جاۓ

    اے میری پیاری نگہت تیری مہک
    روح میں کیسے بسائ جاۓ

  12. ہے وقتِ مسیحائی اور وجد کا عالم ہے
    زخموں کو سکوں دے جو الفاظ کا مرہم ہے

    مر جائیں گے جب ہم تو کیا یاد بھی آئیں گے
    ہم اہلِ محبت کو اس بات کا کب غم ہے

    میں لوٹ کے آیا ہوں اب شہر سے جو تیرے
    نظروں میں مری ہر دم تری یاد کا پرچم ہے

    آنکھوں سے رواں آنسو یہ کس نے پکارا ہے
    اس قریہ دل میں بھی شدت کا وہ ماتم ہے

    شاہین اور نگہت کے اس طرزِ محبت پر
    ہم خاک نشیں صفدر جو ناز کریں کم ہے

  13. ارے واہ مجھے تو اپنے اوپر رشک آرھا ھےاور آپ سب لوگ تو محبت ،شفقت اور الفت کا گھنیرا بادل ھیں جو مدتوں سے بہت پیاسی زمینوں کو سربسز اور شاداب بناتا ھے۔ اور ان میں پھر سے جینے کی امنگ پیدا کردیتا ھے۔ میری بہت عزیز تر اور بہت قابل صد احترام زائرہ بجو اللہ پاک آپ کا سایہ ھم سب پر قایم رکھے اور آپکو سواۓ غم حسین کے کوئ غم نہ ملے آپکی محبت کے نور سے چمکتی آنکھون میں صرف خوشی کے نمی ھو۔ امین آپ بہت خوبصورت لکھنے والی ھیں آپ جس اعلی شان طریقے سے اپنی بات کہتی ھیں وہ ھم سب کے لیے قابل رشک ھے۔ آپکی اس بلاگ فیملی میں آمد ھم سب کی بہت خوش بختی ھے۔ آپکی دعاوں کا آھنی حصار ھمارے اردگرد ھمیشہ رھتا ھے۔ آپکی نظم نے آب دیدہ کردیا۔ اور یہ آنسو اظہار تشکر کے تھے، ھم سب ایک دوسرے کے گہرے دوست ھیں ۔ ایک دوسرے کے غم وخوشی میں شریک ایک بے مثال کنبے کی طرح اللہ پاک آپ سب کو نظر بد سے محفوظ رکھے۔

    میری بہت شفیق زائرہ بجو انشا اللہ ایک آدھ دن میں آپکے روحانی بلاگ میں بھی حسد کے بارے میں تحریر کرونگی ۔ حسد سے بجاو کے لیے آپکی بتائ ھوئ دعایئں اور صدقہ بھی رد بلا ھے۔ آپ سب حسب توفیق صدقہ بھی نکالا کریں ۔ خاص کر اگر کیہں کبوتر نظر آجايئن تو پرندوں کو کھانا کلانا بھی بہت ساری آفات ناگہانی سے محفوظ رکھتا ھے۔معوذتین مسلسل پڑھتے رھیے ۔جب نماز یا تلاوت کریں تو اپنے قریب ایک گلاس پانی کا بھی رکھہ لیں بعد میں اس کو پی لیں اور باقی گھر چھڑک دیں ۔ ۔چلیں ھم لوگ ویسے تو ھر وقت ھی اللہ کی دی ھوئ نعمتوں کا شکر ادا کرتے ھیں مگر ایک دن زائرہ بجو کی طرح یوم شکر بھی منائیں اور پھر دیکھیں اپنے رب کی رحمت اور برکتیں ۔وہ شکر کرنے والوں کی نعمتوں میں مسلسل آضافہ کرتا ھے۔
    عزیزبہن عالم آراء اور بہت پیاری ثمرین بخاری اور بہت محترم اور اقلیم قلم کے بادشاہ محترم المقام صفدر ھمدانی صاحب سبکی محبتوں کی مقروض ھوں ۔ انشا اللہ رات کو پھر آپ سے بات ھوگی

    آپ سب کی محبیتں میری سب سے قیمتی سوغات ھیں
    سلامت رھیں

  14. شاہین جی
    پہلے تو آدھی ملاقاتوں والی دوستی مبارک
    کبھی کبھی ایک سچا اور مخلص دوست خونی رشتوں سے بڑھ کر پیارا ہو جاتا ہے
    اس بلاگ پر آپ کی نظم بہت اچھی لگی
    آپ کی منظوم کہانی کا انتظار رہے گا
    والسلام
    زرقا

  15. نگہت جی
    آپ کے جذبات قابلِ قدر ہیں
    آپ کے خط کی آخری سطور بہت پُر اثر ہیں
    اللہ آپ کو سدا خوش رکھے
    والسلام
    زرقا

  16. میری پیاری بیٹیو ں شاہین حیدر نگہت نسیم ،ثمرین بخاری اور روبینہ فیصل بھئ میں نے تو آج تم سب کو گلے لگا کر تم سب کی جھولیو ں میں دعاؤں کے پھو ل ڈ ا لے ہیں ،تم سب کو انشاللہ ان پھو لوں کی خوشبو ،ضرور محسوس ہو گی اور بالخصوص شاہین بیٹی کے لئے بہت ہی خا ص نماز ،نماز غفیلہ بھی پڑھی ہے کہ پروردگار عالم اپنی جناب سے بہ طفیل چہاردہ معصو مین علیہم السّلام میری بیٹی کے تمام مسائل حل کر دے

    تم سب کی محبّتیں میرا سرمایہ حیا ت ہیں ،اور حقیقت یہ ہے کہ عالمی اخبار میں شمولیت، شاہین بیٹی کی طرح میرے لئے بھی اتنی مبارک ثابت ہوئ ہے الحمد للہ کہ وقت کو بھاگتے ہوئے پکڑنا ہوتا ہے

    میں یہاں بھی جب تک پرندے آسمان پر نظر آ تے ہیں ان کو دانہ دینے کا انتظا م ضرور کرتی ہوں ،اور صدقہ بیٹے سے کہ کر فوڈ

    بنک میں چلا جاتا ہے ،بیٹا بھی ماشاللہ صد قہ پابندی سے دینے کا عادی ہے بلکہ اب تو چھو ٹے بچّو ں سے بھی ان کے ہاتھ سے صدقہ
    نکلواتی ہوں تا کہ ابھی سےیہاں کے معاشرے میں بھی وہ اپنی بنیاد سے وابستہ رہنا سیکھ جائیں ،بس اللہ پاک قبول ہو نے کی سند عطا کر دے آمین
    ناجانے کب کون سا چھو ٹا سا عمل ہماری بخشش کا سبب بن جائے ،اللہ پاک ہمارے اعضاء و جوارح سے اپنی مخلوق کی فلاح کی

    بہترین خدمت کے کام لے ،یہی زندگی کا حقیقی حسن ہے ،اسی میں راحت جاں ہے

    پروردگار عا لم ہم سب کو ایک دوسرے کا سچّا رفیق بننے کی توفیق عطا فرمائے

    بہت سی دعاؤں کے ہمراہ

    فی امان اللہ

  17. اسلام و علیکم

    زائرہ آنٹی

    آپ کی محبت کے لئے مشکور ہوں ، میرے یہ الفاظ بھی کوئی معنی رکھتے ہیں بھلا ؟ محبتوں کے سفر میں تو یہ بہت ہی چھوٹا سا نظرانہ تھا جو میں نے آپی کی اور شاہین آنٹی کی نظر کیا ۔ آپ کی اعلا نظری ہے کہ یہ حقیر سے الفاظ آپ کی نظر میں جچ گئے ۔ میرے لئے بہت خوشی کی بات ہو گی اگر میرے الفاظ آپ کے کسی کام بھی آ سکیں ۔ آپ جب چاہئں ان کو اپنی کسی بھی تحریر کا جُز بنا لیں آپ کی تحریر میں شامل ہو کر یقینا میرے ان لفظوں کو اپنے نصیب پر مسرت ہو گی ۔۔

    آپ کی اتنی محبت اور دُعاؤں کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ۔ خدا کہتا ہے کہ احسان کا بدلا احسان ہے ۔ میں صرف رب ِ دو جہاں سے یہ عرض کرتی ہوں کہ دو جہانوں کی تمام سعادتیں اور خوشیاں آپ کا نصیب رہیں اس طرح کے خود اُن کو بھی اپنے آپ رشک آئے ۔ شاد آباد ریئں خدا آپ کا یہ سایہ ِ رحمت ہمیشہ مُجھ پر اور باقی سب احباب پر سلامت رکھے الہی آمین ۔

    دُعا میں ہمیشہ یاد رکھیں کہ مُجھے ان کی بہت ضرورت ہے ۔

    خدا حافظ ناصر

  18. اسلام و علیکم

    ڈیر آپی

    آپ کی تو ہوں گڑیا دیکھیں اب زائرہ آنٹی کی بھی گڑیا بن گیی ہوں ۔۔ آپ سب کی اس محبت کا پیار اور خلوص کا بہت بہت شکریہ ۔ آپ لوگوں کی محبت اور دُعایئں ہی تو ہیں جن کے سہارے میں آگے سے آگے قدم بڑھا رہی ہوں ۔ یہ احساس کے ابھی دُنیا میں حساس دل زندہ ہیں اور آپ کے لئے دُعا گو ہیں دُنیا کے مختلف کونوں میں بیٹھے ہوئے بہت بڑی بات ہے ۔ یہ تمام رشتے لفظوں کی وجہ سے ہیں الفاظ ہی ہیں جنہوں نے ہم سب کو جوڑ رکھا ہے ۔ کیونکہ لفظوں کی طاقت کی میں ہمیشہ سے قائل رہی ہوں ۔ یہ انسانوں کے دلوں میں موجود فاصلوں کو لمحوں میں سمیٹ لینے کا ہُنر جانتے ہیں ۔ خدا نے بھی اپنی پہچان لفظوں کے ذریعے ہی تو کروائی تھی ۔ اُن کا کلام خوشی کی لحاظ سے ہو اس کا خوف لئے ہو اس کی رحمتوں کے نزول کا ذکر ہو ہا دعوت فکر ہو سب لفظوں کی صورت ہم تک آیا ان لفظوں میں کُچھ تو ایسا تقدس پوشیدہ ہے کہ دلوں کو چھو جاتے ہیں اور روحوں کی گہرائی میں سما کر ہماری زندگی کا کبھی نہ ختم ہونے والا احساس بن جاتے ہیں ۔

    ان لفظوں کی میں شکر گُزار ہوں جنہوں نے مُججھے عالمی اخبار کی یہ فیملی دی آپ جیسے اتنے اچھے اچھے اور پیارے پیارے مہربان وجود دیے خدا آپ سب کو سلامت رکھے اور جو جہاں جس بھی مُشکل پریشانی کا شکار ہے خدا مولا حُسین (ع) کے صدقے ہم درد اور غم کو جلد از جلد دور فرمائے ہمیشہ کے لئے ۔ اور آپ سب کو اپنی امان میں رکھے۔

    طالب ِ دُعا

    ثمرین بخاری

  19. السلام علیکم
    ویسے تو یہ خواتین کا ہی بلاگ لگتا ہے ، کیونکہ سوائے جناب صفدر ہمدانی صاحب کے کسی بھی ’’ صاحب ‘‘ نے اب تک اپنا تبصرہ نہیں لکھا ، ویسے شاہین آپی کے بارے میں محترمہ نگہت نسیم صاحبہ اور جناب صفدر ہمدانی صاحب نے جو کچھ لکھا ہے وہ بلکل درست ہے بلکہ کچھ زیادہ ہی ہو گا، میری یہ خوشنصیبی ہے کہ میں اُسی شہر میں رہتا ہوں جہاں شاہین آپی رہتی ہے اِس لیے اکثر شاہین آپی کی محبت اور خلوص کی چاشنی سے قند ملتی رہتی ہے البتہ اِن دنوں میں شہر سے بہت باہر ایک صحرا میں پڑا ہوں جہاں فل وقت کوئی کمیونیکیشن نہیں ہے ، ایک طرف سمندر ہے تو دوسری طرف حد نظر ریت ہی ریت ، ( ویسے سردی کے موسم میں صحرا میں رہنے کا الگ ہی مزہ ہے ) ہاں تو بات ہو رہی تھی شاہین آپی کی ، میں اُنہیں بہت قریب سے تو نہیں جانتا مگر جتنا جانا ہے وہ بہت سے بھی بہت زیادہ ہے ، میں جانتا ہوں ہر وقت مسکرانے والی شاہین ، دوسروں کو خوش کرنے والی شاہین ، اندر سے کتنی دُکھی اور اکیلی ہے ، مگر اُن کی خاص بات یہ ہے کہ اُنہوں نے اپنے دُکھوں کا بہترین حل نکالا ہے وہ ( فرینڈز ویلفر ٹرسٹ کے پلیٹ فارم پر اور انفرادی طور پر بھی ) دُکھی لوگوں کی خدمت کرنے میں پیش پیش رہتی ہیں، اور اپنے اکیلے پن کو ادبی محفلیں سجا کر دور کرتی رہتی ہیں ، کویت کی شاید ہی کوئی ادبی محفل ہو گی جس کی نظامت شاہین آپی نہ کرتی ہوں ، شاید ہی کوئی ادب پسند اور ادب نواز ہوگا جو آپی کی مہربانیوں سے فیض یاب نہ ہوا ہو، حالانکہ میں اِن سب چیزوں سے ہمیشہ دور رہتا ہوں بہت کم ہی ادبی محفلوں میں شریک ہوتا ہوں مگر خبر ( کم و بیش ) سب کی رکھتا ہوں ، شاہین آپی کی سب سے بڑی خواہش ( جو مجھے معلوم ہے ) وہ پاکستان میں غریب و نادار بچوں کے لیے ایک بہترین اسکول بنانا ہے ( اللہ اُنہیں اپنے اِس ارادے میں کامیاب کرے ۔ آمین )
    آصف احمد بھٹی
    اکیلے پن کا

  20. پیاری گڑیا ثمرین خوش رہو اور یونہی اپنے بڑوں کا ادب کرتی رہو … یہی ہر منزل کا پتہ ہے ..

  21. آصف بھائی اپ کا تبصرہ بہت ہی اچھا لگا .. شاہین کو اللہ پاک خوشیاں عطا کرے … وہ آپ کا زکر انتہائی شفقت اور محبت سے کرتی ہے .. دیکھا جائے تو انسان کی پوری زندگی کا سرمایہ یہی عزت اور محبت ہے کہ اس کی غیر موجودگی میں لوگ اس کا زکر اچھے لفظوں میں کریں .. اللہ پاک اس اتفاق اور محبت کو قائم رکھے ..آمین

  22. میرے ادبی اور روحانی قبیلے کے بہت محترم اور پرخلوص دوستوں ، میرے دامن میں آپ سب کے لیے دعا محبت اور خلوص کے پھول ھیں ۔ میں دعا کرتی ھوں جب یہ محبت بھرے تحائف آپ تک پہنچے تو ھم سبکی بہت ھی محترم اور قابل صد احترام زائرہ بجو کی دعاوں کے پھولوں کی خوشبو کی طرح آپ کو اسکی دل فریب مہک تروتازہ رکھے ، ھر مصائب والم سے دور رکھے۔ آمین ثم آیمن آصف بھائ آپ جس صحراء میں آج کل مقیم ھیں بسلسلہ روزگار ، وہ تاحد نظر گل وگلزار بن جاۓ ، شدید موسموں کی سختی تم کو کوئ گریذ نہ پہنجاۓ ۔اور میرا رب غیب سے تمھارے رزق میں اضافہ قرماتا رھے آمین۔ ھمیشہ تم کو اپنے حفظ وامان میں رکھے۔ اچھے بھائ آصف تم نے جس محبت سے میرا ذکر کیا ھے ،شکریہ تو بہت معمولی لفظ ھے میں لغت ومحبت واحترام سے کوئ ایسا لفظ تو منتخب کرلوں جو تمھارے خلوص بھر ے لفظوں کا بدیل ھو۔ متشکر برادر ،سلامت رھو۔ خوش رھو،

    بہت اعلی ادبی ذوق کی حامل اور بہار کی اولیں ساعتوں جیسی پیاری زرقا ۔ سلامت رھو، ایک آدھ ھفتے میں ھمارے گھر میں بڑی تبدیلیاں آنے والی ھیں۔ بڑی عظیم الشان قسم کی صفائ ھوگی اور ھم اپنے 17 افسانوں کو یکجاء کرکے آپکو روانہ کرینگے ۔

    میں تو بہت کوشش کے باوجود اکثر بر وقت تم سبکی محبتوں کا جواب نیہن دے پاتی ، میں اب تنہا کہاں ھو۔ وہ کتنا خوش بصیب ھوتا ھے جس کو اتنے مخلص دوست ملتے ھیں ۔ میرا سب سے قیمتی سرمایہ یہہی ھے۔ اللہ پاک تم سب کو سلامت رکھے آمین ۔

    پیاری اور چھوٹی سی گڑیا، ھم سبکی بہت عزيز بہن ڈاکٹر نگہت نسیم نے تمھارا پیار کا نام گڑیا رکھا ھے تو اب تم کو ایسی نام سے پکارا جاۓ‎ گا۔ اور ھفتے پندرہ دن میں ایک دن ڈانٹ کے لیے بھی مخصوص ھوگا،ھااھاھاھاھا
    محبت کے دل کش رنگوں سے بنی ثمرین بخاری ، سلامت رھو، او رخوب لکھو، خوب ترقی کرو،

    ھر لفظ سونے سے لکھنے کے قابل ھے میری عزيز دوست ڈاکٹر نگہت نسیم کتنی پیاری لکھی ھے تم نے

    دیکھا جائے تو انسان کی پوری زندگی کا سرمایہ یہی عزت اور محبت ہے کہ اس کی غیر موجودگی میں لوگ اس کا زکر اچھے لفظوں میں کریں .. اللہ پاک اس اتفاق اور محبت کو قائم رکھے ..آمین

    اب اگر میری انکھوں میں نمی ھے تو بتایئے اتنی محبت پاکر کس کا دل خوشی سے شکر سے نیہن بھر آۓ گا ،اللہ پاک ھم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ۔ آمین ھماری ان پرخلوص مجبتوں کو نظر بد سے محفوظ رکھے آمین

  23. اسلام و علیکم

    ڈیر شاھین آنٹی

    آپ نے بلکل ایسے لکھا ہے کہ ۔ آج سے ثمرین بخاری کو گڑیا لکھا اور پُکارا جائے گا اس لئے سب سے اتلماس کی جاتی ہے کے اب سے اسی نام سے بُلایا جائے ۔ ہا ہا ہا

    جی جی میرے لئے عین سعادت ہے کہ آپ سب لوگوں کی اتنی محبتیں مُجھے حاصل ہوئیں آپ سب کی مشکور ہوں اور کیوں نہیں آپ کا جتنا اور جس قدر دل کرے ڈانٹیں ۔۔ ہفتے میں ایک دن تو کم ہے میرے کام ایسے ہوتے ہیں کہ ہفتے میں کبھی ایک دن ہی شاباش ملتی ہے باقی دن ڈانٹ ہا ہا ہا ۔۔۔

    ویسے بھی ماں جی کہتیں ہیں کہ خوش نصیب ہوتے ہیں وہ لوگ جن کو کوئی روکنے ٹوکنے والا ہو ورنہ آج کل کی نفسا نفسی کی دُنیا میں کس کو پڑی ہے کہ کسی کی فکر کرے ۔ یا کسی کو کُچھ سمجھائے آپ کی اس ڈانٹ کو میں اس یقین کے ساتھ وصلوں گی کہ اس میں آپ کا پیار پوشیدہ ہے ۔

    ایک کام کر لیں آپ سب لوگ ایک بلاگ بنا لیں ڈانٹ فار ثمرین ۔۔ روز روز آ کر جس کا جتنا دل کرے اور خدا توفیق دے حسب توفیق مُجھے ڈانٹ جائے ہا ہا ہا ہا ہا جو جتنا زیادہ ڈانٹے گا اس کا اُتنا ہی مُجھ سے پیار کا اظہار ہو گا ۔۔ ہا ہا ہا ہا ہا

    میں تو یہ سوچ رہی ہوں کہ بھلا کر لو بات مُجھے ڈانٹنے کا سب کو یاد رہا پر میری سالگرہ آپی کو بھول گئی جب کے آپی کی بہت اچھی دوست شانتا آپی کو میری سالگرہ یاد رہی اور اُنہوں نے مُجھے بہت محبت اور پیار سے وش بھی کیا ۔ آہ کیا کہوں اب ۔۔ چلو خیر ہے کوئی بات نہیں ۔۔

    اچھا ویسے سچی آپ سب کی محبت ڈانٹ سمیعت سر آنکھوں پر ۔ میرے لئے آپ سب کی یہ محبت اور خلوص بہت قیمتی ہے مُجھے یوں ہی اپنی محبتوں اور دُعاؤں اور ڈانٹوں میں یاد رکھیں ۔

    خدا آپ سب کو اپنی حفظ و امان میں اور شاد و آباد رکھے الہی آمین۔

    طالب ِ دُعا

    آپ سب کی گُڑیا ۔۔

  24. سوئٹ ثمرین بخاری ۔ اسلام علکیم ۔ خوش رھو شاد رھو، اللہ تمھاری عمردراز کرے علم میں رزق میں خیر وخوشحالی میں برکت ھو آمین ثم آمین،
    گڑیا۔جیتی رھو۔تم چونکہ چھوٹی ھو اور ھم سبکی لاڈلی بھی ھو۔ اس لیے تم کو ھر چھہ ماہ کےبعد صرف ایک دفعہ بہت پیار بھری ڈانٹ پڑیگی، ،اور وہ ڈانٹ بھی اتنی شفقت بھری ھوگی کہ تم خود فرمائش کروگی کہ ّپلیز مجھے ڈانٹیۓ، ھاھاھاھااھاھا،

  25. اسلام و علیکم

    ڈیر آنٹی شاہین

    آپ کا جس قدر دل چایے آپ مُجھے ڈانٹ سکتیں ہیں ۔۔ یہ تو آپ کی محبت ہے ۔ اور جیسا کے آپ نے کہا کہ اتنی پیار بھری ڈانٹ ہو گی ہر چھ ماہ کے بعد کہ میرا خود کا دل کرے گا کہ مُجھے ڈانٹ پڑے اس ڈانٹ کے لئے تو میرے دل میں ابھی سے تجسس پیدا ہو گیا ہے یہ یقینا اسی طرح کی ڈانٹ ہو گی کہ جیسے اشتہار میں بچہ اپنی ماں سے کہتا ہے کہ ( امی آج سے ) ہا ہا ہا تو میں بھی کہتی ہوں کہ ہر کام کا آغاز کہیں سے تو ہوتا ہے تو بس آپ سب لوگ اُس پیار بھری ڈانٹ کا آغاز آج سے ہی کریں پھر زندگی رہی میری تو چھ ماہ بعد بھی سہی۔

    اور بہت بہت بہت شکریہ اتنی ساری محبت دینے کے لئے اور اتنی ڈھیر ساری دُعاؤں کے لئے خدا آپ کو بھی ہمیشہ شاد آباد اور اپنی امان میں رکھے الہی آمین ۔۔

    آپ جہاں رہیں خدا کا کرم اور معصومین (ع) کی عطا آپ کو سدا اپنے حصار ِ مبارکہ میں رکھے الہی آمین ۔

    بس یوں ہی سدا مُجھے اپنی دُعاؤں میں شریک رکھیں ۔

    آپ سب کی دُعا کی طالب

    آپ سب کی گڑیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *