رشتوں کی تھکن

آج مجھے گھر آتے ہوئے رات کے آٹھ بج گئے ۔۔۔ سوچا تھا کہ ہو سپٹل سے نکلتے وقت کچھ دیر کو کمرہ نمبر بیس میں نئی مریضہ کو دیکھتی جاؤں ۔۔ جو کل ہی ایڈمٹ ہوئی تھی ۔۔ مجھے تسلی کرنی تھی کہ وہ بات کرنےکے قابل ہوئی ہے کہ نہیں ۔۔ اس نے ایک ہفتے سے ڈھنگ سے کھانا نہیں کھایا تھا ۔۔ انتہائی تکلیف میں تھی ۔۔ دکھ سے اس کا خوبصورت سانولا چہرہ سیاہی مائل ہو رہا تھا ۔۔۔ بات بے بات آنسو کوئی عجیب سی بے بسی کی داستان بن جاتے تھے ۔۔ کیا ایسا تھا جس کا اسے غم تھا ۔۔ اس کی اینٹری نوٹس بھی نامکمل تھے ۔۔ کمرہ نمبر بیس کی اداس روح آج دن بھر مجھے اپنی طرف متوجہ کر تی رہی تھی لیکن سارا دن کیسے گزرا پتہ ہی نہ چل سکا ۔۔ آخری لمحہ پر اسے پوچھنا ایسے ہی تھا جیسے اسے بتانا تھا کہ اس کی مسیحا اسے بھولی نہیں ۔۔ میں واپس آنا ہی چاہتی تھی کہ وہ میرے ہاتھوں کو تھام کر رو پڑی ۔۔۔ اور میں وہی رک گئی ۔۔ میں سر تاپہ سماعت بن چکی تھی ۔۔۔

وہ کہہ رہی تھی کہ وہ چار بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی ہے ۔۔ سب اس کو پنکی بلاتے ہیں ۔۔ اور اس نے یونیورسٹی میں ابھی داخلہ لیا ہے ۔۔ اس نے جب سے ہوش سنبھالا تھا بس آس پاس اپنی بیمار ماں کو ہی دیکھا تھا ۔۔ اس کی ماں نے کبھی اسے گلے لگا کر پیار نہیں تھا ۔۔۔۔ جب وہ سوتے ہوئے ڈر جاتی تھی اسے کبھی اپنے پاس ہی سو جانے کو نہیں کہاتھا ۔۔ اس کی ماں نے نہ کبھی اس سے سکول یا یونیورسٹی کی کوئی بات پوچھی تھی اور نہ ہی کبھی کوئی فرمائش پوچھی ۔۔ وجہ یہ نہیں تھی کہ وہ چاہتی نہیں تھی ۔۔ وہ اپنی بیماری کی وجہ سے کر نہیں سکتی تھی ۔۔۔ انہیں لیور سروسس ہے ۔۔ پنکی نے ایک سرد آہ بھری ۔۔ اور آنکھیں موند لی ۔۔ بس ان کی سانسیں چلتی ہیں پر وہ زندہ نہیں ہیں ۔۔۔ وہ آہستہ آہستہ مر رہی ہیں ڈاکٹر ۔۔ اور میں ان کے ساتھ مر رہی ہوں ۔۔ میں کیا کروں ڈاکٹر ۔۔ کیا کروں ۔۔ اب پنکی ہچکیوں سے رو رہی تھی ۔۔ سب مجھے چھوڑ گئے ہیں ۔۔ایسے جیسے ماں صرف میری زمہ داری ہے ۔۔ کوئی بہن بھائی انہیں پوچھنے تک نہیں آتا ۔۔ ابو نے چار سال پہلے اس دنیا سے رخصت ہو گئے ۔۔۔۔ وہ مجھے جیسے اپنے ساتھ بہا لے جا رہی تھی ۔۔

میں اب تھک گئی ہوں ۔۔ میں اپنی ماں کو بوجھ سمجھنے لگی ہوں ۔۔ میر اان سے تعلق محبت کا نہیں صرف “ ترس“ کا رہ گیا ہے ۔۔ اور میں اب اور ترس نہیں کھا سکتی ۔۔۔ کیا میں غلط ہوں ۔۔۔ مجھے بتائیں کہ کیامیں غلط ہوں ۔۔۔ وہ ایک دم میری طرف پلٹی اور میں بس اسے سنے جا رہی تھی ۔۔ کیا میں اپنے بڑے بھائی سے یہ کہنے میں غلط ہوں کہ مجھ سے اب ماں کی اور دیکھ بھال نہیں ہوتی ۔۔۔ کیا اپنی تھکن بانٹنا ۔۔اپنے بوجھ بانٹنا غلط ہے ۔۔ میں نے پنکی کی جوان روشن آنکھوں میں امید کی لوئیں ٹمٹماتی ہوئی دیکھ لی تھیں ۔۔ اس کی تھکن ، اس کی اداسی ہر لفظ میں مجرم کی طرح اقرار کر رہی تھی ۔۔

اکیس سال سے میں نے اپنی ماں کی زندہ لاش دیکھی ہے ۔۔ ہمکلامی بھی ایک عجیب سے کیفیت ہوتی ہے ۔۔دنیا سے بے خبر ۔۔ ہوش سے دور ۔۔ ایسی ہی کچھ کیفیت پنکی کی تھی .

وہ ہمارے درمیاں رہتے ہوئے بھی ہمارے ساتھ نہیں ہیں ۔۔ مجھے اپنی ماں سے محبت نہیں ہے تو میں کیا کروں ۔۔۔ میں چار سال کی تھی جب سے اپنی ماں کو کبھی گلاس لا کر دے رہی ہوں تو کبھی انکی دوا انہیں پکڑا رہی ہوں ۔۔ میرے پاس اپنی ماں کو یاد رکھنے کے لئے ایک بھی خوشگوار یاد نہیں ہے ۔۔۔ پتہ کیوں ڈاکٹر .. اس لئے کہ میرے بہن بھائیوں نے مجھ سے کبھی میری تھکن بانٹی ہی نہیں ۔۔ ۔۔ مجھے کبھی جینے ہی نہیں دیا ۔۔۔۔ مجھے کبھی سوچنے ہی نہیں دیا کہ میں بھی جیتی جاگتی انسان ہوں ہوں ۔۔ بس مجھے یاد ہے تو یہی ۔۔ کہ ..

پنکی ماں کا خیال رکھنا ہمارا ایمان ہے .. سوچو کتنا برا لگے گا ہم سب کے ہوتے ہوئے انہیں نرسنگ ہوم میں رکھنا یا کسی نرس کو ان کی دیکھ بھال کے لئے رکھنا .. اور ماں کو بھی اچھا نہیں لگے گا …
پنکی چھوٹی ہو تم ۔۔ شادی کرنے کی کیا ضرورت ہے ۔۔۔ بس تم رہو ماں کے پاس ۔۔
پنکی آج انہیں ڈاکٹر ایڈورڈ کو دیکھانا ہے ۔۔ پلیز زرا دکھا دینا
پنکی آج ہم نہیں آ سکیں گے ۔۔ آج تمہاری بھابھی کو ہالیڈیز پر بیچ کے پاس رہنا ہے ۔۔
پنکی تم کھانا کھا لینا ۔۔ ہم باہر ہی کھا کر آئیں گے ۔۔
پنکی آج چھٹی کر لو ماں کی طبعیت ٹھیک نہیں
پنکی دیکھنا ماں کوکھانسی ہو رہی ہے
پنکی تم ماں کے پاس ہی سویا کرو جانے انہیں رات کو کس بات کی ضرورت پڑ جائے

میں خیال رکھتے رکھتے تھک گئی ہوں ۔۔۔ میں ہار گئ ہوں ۔۔۔۔ میں بہت اکیلی ہو گئی ہوں ۔۔۔ پر میں مرنانہیں چاہتی ۔۔۔ اس لئے ڈاکٹر میں نے آج دعا کی ہے کہ ۔۔

اے اللہ دیکھ مجھے دیکھ ۔۔ میں صرف اکیس سال کی ہوں اور میں زندہ رہنا چاہتی ہوں اس لئے میری ماں کو اس جہاں سے اٹھا لے ۔۔ میں اس پر اس سے زیادہ ترس نہیں کھا سکتی ۔۔۔ پھر میں نے سارے بہن بھائیوں کو بلایا اور ان سے کہا کہ میرے ساتھ دعا میں شریک ہوں ۔۔ ہم سب مل کر خدا سے اپنی ماں کی موت مانگتے ہیں ۔۔۔ تاکہ ہم سب احساس جرم کے بغیر زندہ رہ سکیں ۔۔۔

اور قسمت کا مذاق دیکھئے میرے بہن بھائی مجھے مینٹل ہوسپٹل لے آئے ہیں ۔۔۔ ہمیشہ کی طرح سچ رو رہا ہے ڈاکٹر ۔۔۔ سچ تو دل میں رہتا ہے ۔۔ جو دل میں رہے وہی توزبان پر بھی آتا ہے ۔۔ رشتے تھکن کی طرح اس وقت بوجھ بن جاتے ہیں جب وہ بانٹے نہیں جاتے ۔۔ میں نے اپنے دل کاسچ کہہ دیا تو میں مینٹل ہوسپٹل میں ایڈمٹ کر دی گئی ہوں ۔۔ اور جومیرے بہن بھائی اکیس سال سے اپنی ماں کے ساتھ کر رہے ہیں وہ کیا ہے ۔۔۔وہ کیا ہے .. ؟؟

پنکی سسک سسک کر رو رہی تھی ۔۔۔ اور ستم دیکھئے اس کی مسیحا کے پاس بھی اس سے بانٹنے کے لئے تسلی نہیں بچی تھی ۔۔

32 thoughts on “رشتوں کی تھکن”

  1. باجی دل تو کر رہا ہے اس کے جواب میں اپنی کہانی لکھ دوں ، جو پنکی سے کچھ زیادہ ہی ملتی جلتی ہے ، اللہ ہمیں معاف کرے ، مگر سچی بات یہ ہی ہے ، کہ جب اللہ کے امتحان بہت لمبے ہو جاتے ہیں ، اور پھر کوئی ہاتھ بٹانے والا نہیں ہوتا تو پنکی ایسے ہی بلکتی ہے اور اس کے وہ احباب رشتے دار جو اس تھکن کے زمہ دار ہیں ، وہ ہی اس پر تھکن کر الزام لگا کر پاگل خانے چھوڑ آتے ہیں ، میں آج بھی ایسی ہی تھکن دوچار ہوں ، جس میں اگر میری شریک حیات اور ایک ننھا فرشتہ ساتھ نہ ہوتا تو شاید میں بھی کسی سائیں کالو جی کے پاس پہنچ جاتا ۔ ۔۔ ۔
    باجی جو درد آپ محسوس کرتیں ہیں وہ میں بھی محسوس کر رہا ہوں ، اور شکر ادا کرتا ہوں اپنے رب کا کہ اس نے درد محسوس کرنے کی طاقت دی ، اور باجی آپ کو تو میں انسانی احساسات کا سیسموگراف کہتا ہوں ، جو ہلکی سی لرزش پر بھی جھٹکے دیتا ہے

    اللہ آپکو زندگی بھر خوشیاں اور سکون دے آمین

  2. اسلام علیکم
    پیاری بہن نگہت اللہ تمہیں کامیابی عطا کرے ، پیاری بہن یہ تو ایک پنکی ہے جو تمہیں نظر آ گئی ،اگر ہم اپنے اطراف دیکھیں تو رشتوں کے یہ دکھ نہ جانے کتنے لوگ اُٹھائے پھرتے ہیں ۔
    اللہ پنکی پر رحم کر ےور اس کے بے حس بہن بھائیوں کے دل میں اسکے لئے رحم ڈال دے آمین
    یہ واقعات پہلے کہانیاں سمجھے جاتے تھے ۔مگر اب حقیقت بن کر سامنے کھڑے ہوتے ہیں تو نہ ہی تسلی کے الفاظ ملتے ہیں اور نہ ہی آنسو تھمتے ہیں ۔ کہ رشتے بھی کتنے ظالم ہو جاتے ہیں ۔
    میرے پاس دعاؤن کے سوا کچھ نہیں ۔اللہ پنکی کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ،اور اُس کے بہن بھائیوں کے دل میں اس کے لئے محبت اور خیال پیدا کر دے ،آمین
    اللہ ضرور اس پر مہربان ہے جو وہ تم جیسی ڈاکٹر کے پاس آگئی ہے ۔ اللہ تمہیں اس کی مدد کرنے کی ہمت اور توفیق عطا فرمائے ۔ جزاک اللہ خیر
    جو روح میں اترتی ہے محبت بن کے چھاتی ہے
    وہ ہے نگہت نسیم جو ہر کسی کے کام آتی ہے
    ہے انسان ہی مگر بن کر مسیحا دل پہ چھاتی ہے
    مریض کوئی ہو اک پل میں اسکی اپنی بن جاتی ہے
    دعا میری ہے وہ یوں ہی محبت بانٹتی جائے
    نسیم جب نام ہے تو پھر نسیم بن کر ہی چھا جائے
    یہ بلاگ پڑھ کر جو کچھ زہن میں آیا لکھ دیا ۔ اللہ پنکی کو ہمت دے اور وہ تمہارے پاس سے ہنسی خوشی جا ئے ۔
    دعا ؤں کی طالب
    آپا عالم آرا

  3. آپا آپ کتنی پیاری روح ہیں یہ آپ کو خود نہیں معلوم … سلامت رہے میرا یہ دعاؤں کا خزانہ …آمین ثمہ آمین

  4. اظہر خوش و خوشحال رہو .. اللہ کریم تمہیں ہر امتحان میں سرخرو کرے ….. آمین ثمہ آمین

  5. آپی اب تو آپ خوش ہیں ھم لیلٰی کو بھی بلاگ کی طرف لے آئے ۔
    خود غرضی کی اعلٰی داستان ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ جب انسان رشتوں کا احساس کھو دیتا ہے تو وہ پنکی بن جاتا ہے روتی سسکتی پنکی ۔ یہ ھمارے معاشرے کی جیتی جاگتی تصویر ہے نہ جانے کتنی پنکیاں ہیں ھمارے آس پاس ، کراچی میں ایدھی ہوم اس کی مثال ہے جہاں وہ کم ظرف لوگ جن کے پاس کوئی پنکی نعم البدل کے طور پر نہی ہوتی اپنے بوڑھے ماں باپ کو ایدھی ہوم میں داخل کرادیتے ہیں یا پھر کسی نفسیاتی اسپتال میں ڈال دیتے ہیں
    ھمارے آفس کے ساتھی ہیں شہاب الدین، انہوں نے 20 سال سے اپنے نفسیاتی مریض بھائی کو اپنے ساتھ رکھا ہوا ہے وہ اور ان کی بیگم اس کا پورا خیال رکھتے ہیں جبکہ ان کے دو بھائی اور ہیں اور وہ اس کو رکھنا تو دور کی بات ہے دیکھنا بھی گوارا نہیں کرتے۔
    خدا انسانیت کو حیوان بننے سے بچائے رکھے ، آمین

  6. اوپر کا تبصرہ لیلٰی جعفر کے نام سے پڑھا جائے وہ پہلی مرتبہ بلاگ میں شریک ہو رہی ہیں اور ھمارے نام سے تبصرہ لکھ گئی ہیں اس کے لیئے معذرت

  7. نگہت آپی سدا خوش رہیں آپ کی خواہش پر آج عالمی اخبار کے بلاگ کی اس حسین محفل میں شرکت کرنے حاضر ہو گئی ہوں آپ کی تحریر رشتوں کی تھکن پڑھی واقعی نا پائدار رشتے جتنی تھکاوٹ بخشتے ھیں اتنی تھکن شاید کسی چیز سے نھیں ھوا کرتی اس تحریرنے دل ھلا کر رکھ دیا

    رشتوں کی تھکن سے بوجھل ہے
    یہ تن من سارا گھائل ہے
    بے لوث نہیں کوئی رشتہ بھی
    ہر اک میں غرض سی حائل ہے

  8. بہن نگہت کہاں تک کڑھوگی ساری دنیا کے لیءے ۔ جبکہ بقول اقبال نءی تہذیب اپنے ہا تھوں سےخود کشی کر نے جا رہی ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ ماں جیسے رشتے بھا ری پڑ نے لگے ہیں ۔ اس کی وجہ اسلام سے دوری ہے جس نے تقسیم ِ کار رکھی ہو ءی ہےکہ ماں کا کام ہے بچوں کی پرورش کر نا اور شوہر کا کام ہے کماکر لانا؟ چونکہ دنیا سے قنا عت اٹھ گئی ہے۔ جبکہ حضور (ص) نے فر مایا کہ وہ فلاح پاگیا ۔ صحابہ کرام (رض) نے پو چھا کون ؟ فرمایا جس کو اللہ نے علم دیا اور اس نے تقسیم کیا دوسرے مال دیا اوراس نے اللہ کی راہ میں خرچ کیا تیسرے جس کو قنا عت حا صل ہو گءی ۔ تم خود ما ہر نفسیات ہو ۔زرا مجھے بتاو تو کہ اگر کسی بچے کی ماں کے بجا ءے کو ئی اور پرورش کر ے تو اس میں ماں کے لیءے وہ چاہت ہو سکتی ہے جس کو ماں پرورش کرے ۔؟ پھر ان ملکوں میں پیر پریشر اتنا ہے کہ ہر بچی آزاد اور علیحدہ رہنا چا ہتی ہے اس کا حل صرف اور صرف یہ ہے کہ ماں بچوں پر زیادہ سے توجہ دے ۔

  9. یہ ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی ہمت ہے کہ وہ سارے جہاں کے درد کو ہلکا کرنے کی کوشش کررہی ہیں : جزاک اللہ
    اللہ ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کو ہمیشہ صحت سےرکھے تاکہ وہ دوسروں کو صحت عطا کرتے رہیں : آمین

    اب جبکہ پنکی کو اس کے بھائی نے دماغی علاج کے لیے ہسبتال می داخل کردیا ہے تو پھر گھر میں مریض ماں کی کون تیمار داری کررہا ہے؟

    جب بھائی اوربہو ، گھر میں ماں کی دیکھ بھال نہیں کرسکتےتو کیا اسے ہعنی ماں کو بالاخر نسنگ ہوم میں رکھا جائےگا یا کسی نرس کو انکی دیکھ بھال کے لیے رکھاجائےگا؟

    پنکی کو پاگل خانےمیں داخل کرکے ، پنکی کے بھائی نے یہ نہیں سوچا کہ :

    “سوچو کتنا برا لگے گا کہ بھائی کے ہوتے ہوئے بہن کو پاگل خانےمیں داخل کردیا گیا ؟“

    ایسا کرتے ہوئے بھائی نےیہ بھی نہیں سوجا کہ :
    “اور ماں کو بھی اچھا نہیں لگے گا …“

    اگر بھائی کا یہ کہنا ہے کہ :
    “ ماں کا خیال رکھنا ہمارا ایمان ہے “

    تو پنکی کے جانے کے بعد اسکی ماں کا خیال اب کون رکھ رہا ہے ؟

    مجھے ڈر لگ رہا ہے کہ بیٹا اوربہو دونوں مل کر ماں کو زہر دے کر مارد ینگے : نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    پنکی سے زیادہ ،پنکی کے بھائی کو ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ جیسی ماہر نفسیات کی مدد کی ضرورت ہے۔

    فقط:
    منظور قاضی
    جرمنی سے

  10. آپی یہ سسکتی ہو انسانیت کی کہانیاں؟؟؟؟مجھ میں دم نہیں کہ کچھ بھی کہ سکوں؟ کسے الزام دیں، کسے ذمہ دار ٹھہرائیں۔ جوپنکی کے بہن بھائیوں نے کیا وہ بھی غلط، جو پنکی نے کیا وہ بھی غلط، اور جس نے پنکی سے اسکی ماں، اسکا بچپن، اسکی جوانی، اس کے خواب چھین رکھے ہیں اسے تو ہم غلط کہ نہیں سکتے؟ یہ کیسا امتحان ہے، کیسی ابتلاء ہے؟ یہ امتحان پنکی کی ماں کا تھا، پنکی کا تھا یا اس کے بہن بھائیوں کا؟ کون بے اعتناء رہا کون با خبر رہا، کون جیتا کون ہارا، ہم کیا کہیں؟ جو ہمت نہ ہارے اسکا انجام کیا ہوگا اور جو ہار جائے اسکا نجام کیا ہو؟ چلیں اب اس امتحان نے ہمیں پنکی کے گھر سے نکل کر ہم سب کو آن پھنسا ہے۔ کسے غلط کہیں اور کسے درست؟ بڑا کٹھن مرحلہ ہے!
    چلیں فرمان معصوم سنیں۔فرمایا کہ اولاد جب ضعیف والدین کی خدمت کرتی ہے، چاہے کتنی ہی کیوں نہ کر لے وہ والدین کے احسان کا بدلہ نہیں اتار سکتی۔۔۔۔کیونکہ ماں نے نو ماہ کی مشقت سے جنا اور پھر ہمیشہ اس مید پر خدمت کی کہ یہ بچے جوان ہو کر اپنا بوجھ خود اٹھا لیں گے، ہر لمحہ انکی زندگی کی دعا اور زندگی کی امید۔۔۔جبکہ اولاد جب والدین کی خدمت کر رہے ہوتے ہیں تو ان کے ذہن کے نہاں خانے میں ہر لمحہ اس مشقت کے ختم ہونے کا انتظار ہوتا ہے۔۔۔والدین کے انجام کا انتظار۔۔۔ایک ان کہی موت کی دعا اور انکی زندگی سے یاس۔ سو امید اور یاس میں کئے کام کا اجر برابر کیونکر ہو سکتا ہے؟
    لیکن پنکی کے معاملے میں بات اور بھی پیچیدہ ہے۔۔۔۔چار سال کی عمر سے وہ ماں کی خدمت پر مامور۔ نجانے اسکی صحت کی امید کتنی دفعہ کی ہوگی اور کتنی دفعہ موت کی دعا۔۔۔خدا جانے یہ سب کیا ہے۔


    میرے خدا میرا احساس چھلنی ہے اور عقل مجروح ہے۔ ۔۔۔میری شہ رگ سے قریب میرے مہربان میری مدد کر۔ یہ گُتھیاں تو ہی سُلجھا۔ میرے مالک تیرے خلیل نے بھی تجھ سے اطمینان قلب کی خاطر کچھ مانگا تھا، میں بھی اسی کا واسطہ دیتا ہوں۔ میری زبان گنگ ہے مگر میرا شعور چلا رہا ہے۔ مجھے بھی اطمینان عطا فرمادے اپنے حبیب کے صدقے میرے مہربانِ مسلسل۔

  11. آپ سب یہ سمجھئے کہ میں نے آپ سب کے تبصرے پڑھ کر ایک لمبی اور سرد سانس بھری ہے ۔۔۔ اپ سب کے تبصرے اور ارشادات میری سر آنکھوں پر ۔۔۔۔ لیکن میں نے یہ کہانی لکھی ہی اس لئے تھی کہ پنکی کو شاید ہم ہی سن لیں ۔۔ لیکن ہم میں سے بھی کوئی پنکی کی پکار نہیں سن سکا ۔۔ اس نے جوکہا وہی میری کہانی لکھنے کامقصد تھا ۔۔۔ اس نے فریاد کی ہے
    “
    میرے بہن بھائیوں نے مجھ سے کبھی میری تھکن بانٹی ہی نہیں ۔۔ ۔۔ مجھے کبھی جینے ہی نہیں دیا ۔۔۔۔ مجھے کبھی سوچنے ہی نہیں دیا کہ میں بھی جیتی جاگتی انسان ہوں ۔۔۔
    پھر وہ کہتی ہے ۔۔
    “رشتے تھکن کی طرح اس وقت بوجھ بن جاتے ہیں جب وہ بانٹے نہیں جاتے “

    میں بے چین ہو گئی ہوں ۔۔ میں بہت دکھی ہورہی ہوں ۔۔ ضعیف ماں باپ ہم سب کے پاس امانت کی طرح ہیں ۔۔ میں کل سے بس یہی سوچ رہی ہوں کہ کہ میں اپنے ضعیف ماں باپ اپنے بہن بھائیوں سے بانٹ پا رہی ہوں کہ نہیں ۔۔ میری غیر حاضری ۔۔ میری کمی کہیں انہیں تھکا تونہیں رہی ۔۔۔ ۔۔ میں سوچوں میں ہوں ۔۔ میں احتساب کے عمل سے گزر رہی ہوں ۔۔ شائد اس لئے میں آپ کے کسی تبصرے کاجواب فوری نہ لکھ سکوں گی ۔۔

  12. آپی آپ نے درست کہا۔۔۔۔اس امتحان نے ہم کو بھی آن گھیرا ہے۔۔۔شاید مالک آنکھیں کھولنے کے لئے اسی طرح سامان کرتا ہے۔

  13. السلام علیکم
    ہر بار کی طرح تاخیر اور وہی اذلی مجبوری ،
    زندگی اب اتنی مصروف ہو گی ہے کہ ہمارے پاس اب خود اپنے لیے بھی وقت نہیں رہا ، ہمارے اندر مستقل مزاجی ، استقامت اور صبر نہیں رہا ، ہم محبتوں اور رشتوں کو بھی نفع اور نقصان کے ترازوں میں تولنے لگے ہیں ، یہی سبب ہے کہ اولاد ماں باپ کو اور ماں باپ اولاد کو بوجھ سمجھنے لگے ہیں ، اللہ کی سنت ہے کہ وہ کسی پر اُس کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا ، مگر آج کا انسان وقت سے پہلے ہی واویلا مچا دیتا ہے ، یہ ہی گھر میں اللہ کسی بیٹے کو حافظ قرآن بنا دیتا ہے تو کوئی اِس نعمت سے محروم رہ جاتا ہے ، یہ تو مقدر اور نصیب کی بات ہے ، سب ایک جیسے نہین ہو سکتے ، سو جنہیں اللہ توفیق دے اُنہیں چاہیے کہ وہ اُس پر اللہ کا شکر ادا کریں اور ناشکری نہ کریں ، ہاں جو محروم رہ گئے اُن پر افسوس ضرور کیا جاسکتا ہے اور اُن کے لیے اللہ سے دُعا ہی کی جا سکتی ہے ۔
    آصف احمد بھٹی

  14. ساری تبلیغ اپنی جگہہ ، تہذیب کا ڈھنڈورہ اپنی جگہہ ، تمام رسم و رواج کے بندھن اپنی جگہہ ، رشتوں کا احترام بھی اپنی جگہہ لیکن انسانی نفسیات اور انسانی برداشت کا پیمانہ بھی تو کوئی چیز ہے ۔ مجھے پنکی کی دکھ بھری کہانی اور درد میں پروئی اس داستان کے ایک ایک لفظ سے اتفاق ہے ۔ پنکی بھی تو آخر انسان ہے ، اور وہ بھی عین عالمِ شباب میں ۔ اس کے بھی احساسات ، جذبات اور کچھ امنگیں ہیں ۔ اگر بہن بھائیوں ، جو اس ظالمانہ سلوک سے مجھے سوتیلے معلوم ہوتے ہیں ، نے پنکی کو گھر میں محض آیا بنا دیا ہے تو پنکی کی بغاوت اور احتجاج ایک عام انسان کی نفسیات کے عین مطابق ہے جو اتنا لمبا عرصہ ہر وقت ایک نیم مردہ مریض کے ساتھ رہ رہ کر انسان کو خود پاگل کر دیتا ہے ۔ یہ تو پنکی کی ہمت اور اس پہ خدا کی خاص عنائیت رہی جس نے اتنا لمبا عرصہ اپنے بہن بھائیوں کی بے حسی ، اپنے نفس پہ جبر اور اپنی نیم مردہ ماں کی تیمار داری میں گذار لیا ورنہ تو اسے کب کا پاگل ہو جانا چاہیئے تھا ، اور اگر اب وہ یہ احتجاج کرتی ہے کہ:

    ” سب مجھے چھوڑ گئے ہیں ۔۔ایسے جیسے ماں صرف میری ذمہ داری ہے ۔۔ کوئی بہن بھائی انہیں پوچھنے تک نہیں آتا ۔۔ ابو چار سال پہلے اس دنیا سے رخصت ہو گئے ۔۔۔۔میں اب تھک گئی ہوں ۔۔ میں اپنی ماں کو بوجھ سمجھنے لگی ہوں ۔۔ میر ا ان سے تعلق محبت کا نہیں صرف “ ترس“ کا رہ گیا ہے ۔۔ اور میں اب اور ترس نہیں کھا سکتی ۔۔۔ کیا میں غلط ہوں ۔۔۔ مجھے بتائیں کہ کیا میں غلط ہوں ۔۔۔ “

    ۔۔۔تو میں بھی اپنے آنسوؤں پہ ضبط کرتے آنسوؤں میں ڈوبی یہ فریاد پڑھ کر یہ کہنے پہ مجبور ہوں کہ ۔۔’ پنکی تم بالکل غلط نہیں ہو۔۔۔ تم بھی ایک انسان ہو کوئی مشین یا روبوٹ ہر گز نہیں ۔۔۔تمھارے بہن بھائیوں کی بے حسی اور ماں کی ساری ذمے داری تمھی پہ ڈالنا کہاں کا انصاف ہے ۔ پنکی مجھے تم سے ہمدردی ہے کہ تمھارے بہن بھائیوں نے کبھی تمھاری تھکن ہی نہیں بانٹی ۔۔۔۔۔۔ تمھیں کبھی جینے ہی نہیں دیا ۔۔۔۔ تمھیں کبھی سوچنے ہی نہیں دیا کہ تم بھی جیتی جاگتی انسان ہوں ۔۔۔کوئی مشین یا روبوٹ نہیں !

    اور ہاں میں تم سے یہ بھی اتفاق کرتا ہوں کہ ، ” رشتے تھکن کی طرح اس وقت بوجھ بن جاتے ہیں جب وہ بانٹے نہیں جاتے “

    یہ صرف تمھاری کہانی ہی نہیں بلکہ بہت سی فیملیز میں کھیلا جانے والا ڈرامہ ہے جس میں صرف کردار بدلتے ہیں ، اصل کہانی وہی رہتی ہے جو تمھاری ہے پنکی !

    اللہ تمھیں صحت و تندرستی دے ، تمھاری ماں کو یا تو مکمل صحت یابی بخشے یا اپنی رحمت کے سائے میں لے لے ، آمین ۔
    اور اللہ رب العزت تمھاری مسیحا کے دونوں جہانوں میں درجات بلند کرے جو کمرہ بہ کمرہ اپنے مریضوں کی مسیحائی کے علاوہ ان کے دکھ درد اپنے آنسوؤں میں جڑی ایک لڑی کی صورت ہم تک پہنچانے کا فریضہ بھی سنبھالے ہوئے ہے ۔

  15. جاوید اقبال کیانی کو میں یونہی نہیں جاوید + اقبال+ کیانی نہیں کہتی ہوں … آپ کے احساسات میں اتنی گہرائی ہے کہ آپ انسان کو پرت در پرت پڑھ لیتے ہیں .. کاش ہم سب یہ سمجھ سکتے ..ساری تبلیغ اپنی جگہہ ، تہذیب کا ڈھنڈورہ اپنی جگہہ ، تمام رسم و رواج کے بندھن اپنی جگہہ ، رشتوں کا احترام بھی اپنی جگہہ لیکن انسانی نفسیات اور انسانی برداشت کا پیمانہ بھی تو کوئی چیز ہے ..میں بھی یہی سمجھتی ہوں کہ پنکی کی بغاوت اور احتجاج ایک عام انسان کی نفسیات اور فطرت کے عین مطابق ہے .

    بے شک یہی سچ ہے انسانی نفسیات میں برداشت کی ایک حد ہے اور ہر انسان کی حد اور ظرف کا پیمانہ ایک دوسرے سے قطعی الگ ہوتا ہے … میں سب سے یہی کہتی ہوں کہ انسان اور اس کے رویے گرے شیڈز کی طرح ہوتے ہیں جو پس منظر میں ہونے والی واقعات کی روشنی میں اپنے رنگ بدلتے رہتے ہیں ..

  16. السلام علیکم
    نگہت یہ کہانی ہر گھر کی ہے. ہر گھر میں ایک پنکی ہوتی ہے. پھر چاہے وہ بیٹی ہو یا بیٹا.پنکی کے بہن بھائیوں کو سمجھانے کی ضرورت ہے
    پنکی کی بدقسمتی یہ ہے کہ وہ غیر شادی شدہ ہے ورنہ اپنے کنبے کی سپورٹ رشتوں کی تھکن کو مٹا دیتی ہے. یہ میں اپنے تجربے کی بنا پر کہہ رہی ہوں . اگر مجھے اپنے شوہر اور اور سسرال والوں کی سپورٹ نہ ہوتی تو شاید میں بھی بیمار پڑ گئی ہوتی. مگرمیرے شوہر، میری بزرگ ساس، میری بہت ہی پیاری بڑی نند اُن کے شوہر اور میرے چھوٹے دیور نے میرا ہر طرح ساتھ دیا . ان کی بدولت مجھے اپنے سگے بہن بھائیوں کی غیر موجودگی اتنی محسوس نہیں ہوئی.
    مگر وہ سب اولادیں جو اپنے ماں باپ سے دور ہیں اُن کو میرا یہی مشورہ ہے کہ اپنے والدین سے رابطے میں رہا کریں . اور اُن بہن بھائیوں سے عزت اور محبت سے پیش آئیں جو اُن کی ذمہ داری بانٹ رہے ہیں.
    والسلام
    زرقا

  17. شکریہ زرقا بہت ہی مناسب اور بروقت مشورہ کہ اپنے والدین سے رابطے میں رہا کریں . اور اُن بہن بھائیوں سے عزت اور محبت سے پیش آئیں جو اُن کی ذمہ داری بانٹ رہے ہیں.جزاک اللہ ..خوش رہو .میرے نزدیک بھی اس کا یہی حل مناسب ہے خاص طور پر ان بہن بھائیوں کے لئے جو اپنے والدین سے دور رہتے ہیں …

    میرے شوہر گزشتہ کئی برسوں سے اپنی امی جی جہاں کہیں بھی ہوں انہیں روزانہ فون کرتے ہیں اور ہر سال ان سے ملنے کا اہتمام کرتے ہیں .. میں بھی اپنے والدین کو اپنی بے پناہ مصروفیت کی وجہ سے روزانہ تونہیں لیکن ایک دن چھوڑ کر دوسرے دن ضرور فون کرتی ہوں جس پر میں اپنے شوہر سے اپنی اس سستی اور لاپرواہی پر اکثر ڈانٹ بھی کھاتی ہوں … .. لیکن کوشش کر کے ہر سال وہ جہاں کہیں بھی ہوں ان سے ملنے ضرور جاتی ہوں .. بچوں کو بھی بھیجتی رہتی ہوں تاکہ انہیں بھی رشتوں کی تھکن کا احساس ہو سکے ..

    بس سب سے التجاکروں گی کہ ہمیں اپنی زمہ داریوں کا احساس ایک دوسرے کو دلواتے رہنا ہو گا … اللہ کریم ہم سب کو سکون اور ایک دوسرے کی تھکن بانٹنے کی توفیق عطا کرے .. آمین

  18. ڈاکٹر صاحبہ ، آپ کے عطا کردہ میڈل ، ’ تھری ان ون ‘ کے لقب ، کا بہت شکریہ ۔
    دراصل پنکی کی داستان کو ایسے دلسوز انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ یہ ایک دفعہ تو کسی مرے ہوئے ضمیر کو بھی زندہ کر دے ۔
    اللہ کرے ، مسیحائی کے ساتھ ساتھ ، زورِ قلم اور زیادہ ۔

  19. بہت ہی مہربان لیلی جعفر تم نے پہلے تو جلد از جلد اردو ٹائپ کرنا سیکھی . پھر بلاگ فیملی میں شامل ہوئی .. یقین کرو اتنی عزت دینے پر تم نے نہ صرف میرا مان رکھا ہے بلکہ مجھے حیران بھی کیا ہے .. .. اسے کہتے ہیں جادو .. سلامت رہو .. آباد رہو ..ہنستی بستی رہو .. خوش آمدید اور جی آیاں نوں .. ست بسم اللہ .. بس اب غیر حاضری نہیں ہونی چاہئے .. جعفر بھائی سے زیادہ حاضریاں لگوانی ہے اچھا .. ویمنز رول .. ہے کہ نہیں .. ایک دفعہ پھر پوری بلاگ فیملی کی طرف سے تمہیں بہت بہت خوش آمدید .. جی آیاں نوں ..

  20. جعفر صاحب کی بمع فیملی بلاگ فیملی میں شمولیت ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے ۔ محترمہ لیلٰی جعفر کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید ۔ جعفر صاحب تو ماشاء اللہ پہلے ہی اکیلے بلاگز پہ چھائے رہتے تھے اب اس ’ پارٹنر شپ ‘ کے ساتھ تو ہمیں ایک نئی دھوم کا انتظار ہوگا ۔
    ’ بوم بوم جعفر فیملی ‘

  21. بہت عزيز او ر دل سے دماغ سے بہت قریب میری بہن اور ھزاروں کی مسیحاء ڈاکٹر نگہت نسیم ، سلامت رھو میری روحانی دوست ، اللہ نے تم میں تمھارے قلم میں بڑی تاثیر رکھی ھے، رشتوں کی تھکن سے چور پنکی تو ھر گھر میں ملے گی ، کبھی یہ تھکن اسکی نرم دلی اور خدمت کے جذبے سے سرشاری کی وجہ سے ملتی ھے ۔ اور کھبی یہ دکھہ ازل سے اس کے مقدر میں لکھہ دیا جاتا ھے ، ھاں مگر پنکی انسان بھی تو ھے ۔ میں پورے وثوق سے کہہ سکتی ھون اگر وہ اکلوتی بیٹی ھوتی تو جی جان سے اس ماں کی خدمت کرتی جس نے کھبی ماں کی طرح اپنے بچوں کو اس کا حق نیہن دیا۔۔کبھی بچوں کو پیار نیہن کیا ۔ کبھی حوصلہ افزائ نیہن کی ،
    ان کا معاشرہ بہت مختلف ھے ۔ مگر انسان تو سب ایک جیسے ھیں ناں چوٹ لگتی ھے تو جتنی تکلیف پنکی؎ کو ھوتی ھے اتنی ھی تکلیف شاھین کو بھی ھوتی ھے ، کبھی یہ محرومی اپکی طاقت بنتی ھے او رکبھی اپ کو توڑ کر رکھہ دیتی ھے ، کچھہ زخم تو ایسے ھوتے ھیں کہ آدمی اپنے آپ سے بھی چھپاتا ھے میں بھی پنکی کی کہانی پڑھ کر آبدیدہ ھوگی ۔ ایسی کہانی جس میں قدرت کا سب سے حسین تحفہ ماں کا کردار تبدیل ھوجاتا ھے مجھے اور بھی بے جین کرجاتی ھے ،پنکی بھی تھک گی ھوگی ، دراصل اس نے ماں کے مرنے کی دعا سے پہلے اپنے مرنے کی دعا مانگی ھوگی ، ۔ واقعی اس کو تو بہت پہلے پاگل ھونا چاھیے تھا ۔ پاگل پن بھی تو بلسنگ ھوتی ھے جو نارمل انسان نیہن کہہ سکتے ،نیہن کرسکتے پاگل بنکر بہت ساری سہولتیں مل جاتی ھیں ، ، ھے ناں ۔ ۔

  22. اللہ پاک ھم سب کی ماوں کو سلامت رکھے امین ۔ میں بھی کوشش کرتی ھون کہ ھر روز تو ممکن نیہن ھوتا مگر ھفتے میں ایک دو بار انکی اواز سن لوں ، ھم سب انکی خدمت کرنے میں سبقت لینے کی کوشش کرتے ھیں مگر یہ سعادت میرے بہت نیک اور فرشتہ سیرت بھائ صفدر کو ھی جاصل ھے کہ جی جان سے امی کی حدمت کرتا ھے اور امی ھر وقت دعا کرتی ھیں اور ھم سب کے سروں پر دعا کا آھنی حصار ھوتا ھے ۔انکی دعا پردیس میں میرے بگڑے کام بناتی ھے ، اپ سب دعا کریں کہ میں اپنی پیاری امی کا ھاتھہ پکڑ کر مکہ اور مدینہ کا سفر کرسکوں ۔ اللہ پاک ھم سب کو اپنی ماوں کی خدمت کرنے کی توفیق عطا کر امین ۔

    میری پیاری بہن اور بہت اجھی دوست داکٹر نگہت نسیم ۔ تم ھر ایک کے کام اتی ھو سب کی دعا لیتی ھو، اس لیے کہ تم جتنے پیار سے اپنی والدہ کا ذکر کرتی ھو اتنے ھی پیار اور احترام سے اپنی مشفق ساس کا بھی ذکر کرتی ھو، اور تم جیسے باادب بانصیب کم ھی ھوتے ھیں ،

  23. نگہت بہن

    وہ لوگ قابلِ رشک ہیں جو چلتے پھر تے اس دنیا سے چلے جاتے ہیں اور زندہ رہنے کیلئے کبھی کسی کے محتاج نہیں ہوتے۔ میں نے ایک غزل میں کہا تھا

    شکرِ خدا کہ گذری ہے عزت سے زندگی
    اب ہے دعا کہ موت مری با وقار ہو

  24. اوپر کے ایک تبصرے میں یہ جملہ بھی شامل ہے کہ :

    “پنکی کی بدقسمتی یہ ہے کہ وہ غیر شادی شدہ ہے ورنہ اپنے کنبے کی سپورٹ رشتوں کی تھکن کو مٹا دیتی ہے“

    اگر یہ پنکی پاکستان سے تعلق رکھتی ہے تو یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان کی 20 فیصد خواتین کی بد قسمتی ہے کہ وہ غیر شادی شدہ ہیں اور انکا کوئی کنبہ یا پرسان حال نہیں جو رشتوں کی تھکن کو مٹادے ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  25. فی الحال میرا کمپیوٹر میرا ساتھ دینے پر آ مادہ نہیں ہے‘‘ نگہت بیٹی اچھّی طرح جانتی ہے ‘‘جس کے سبب میرے تبصرے نگہت بیٹی کو جا رہے ہیں جو میں قسطوں میں لکھ کر انہیں میل کر رہی ہوں اب ان کی فرصت پر ان کے شائع ہونے کا انحصار ہے

  26. پیاری نگھت آپی آداب
    اپ کی اتنی حوصلہ افزائی کا بہت بہت شکریہ ، ابھی تو مین اس میدان مین طفلِ مکتب ھون اپ کی نظرِ کرم رھی تو انشااللہ اپنے جوھر دکھانے مین ضرور کامیاب رھون گی۔
    خوش آمدید اور جی آیاں نوں .. ست بسم اللہ ۔۔۔۔
    اپ نے اتنی تعریف کر دی کہ دل خوشی سے پھولے نہیں سما رھا ، سدا خوش رہین اور اسی طرح سب کے دلون مین جوش و ولولہ پیدا کرتی رھیں
    رہ گئی جلدی سیکھنے کی بات تو وہ ابھی مشکل سے ہی لکھ پاتی ہوں اس کام میں جعفر کی مدد بھی شامل حال رہتی ہے

  27. اسلام علیکم
    نگھت آپی بس سب یہ دعا کریں کہ ھمیں اللہ تعالٰی نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری قلیل عبادت اپنی بارگاہ الٰٰہی میں قبول فرمائیں.
    آمین ثمہ آمین

  28. اور میں اپنی ساری بہنوں اور بھائیوں کو اپنے بارے میں بتاتا چلوں کے میرا نام انصاف علی ہے اور میں تعلقہ میرپور ماتھیلو ڈسٹرکٹ گھوٹکی، سندھ پاکستان میں رہتا ہوں. میری عمر 22 سال ہے اور میں “فوجی فرٹیلائیزرکمپنی لمیٹڈ میرپور ماتھیلو” میں کمپیوٹر آپریٹر ہوں. میں اس ویب سائیٹ پہ پہلی مرتبہ آیا ہوں اور مجھے تبصرے بہت اچھے لگتے ہیں. اس لئے میں امید کرتا ہوں کہ یقینن آپ سب میری ھیلپ کریں گے ایک اچھا تبصرہ لکھنے میں.
    آپ سب کی دعاؤں کا طلبگار انصاف علی

  29. انصاف بھائی آپ کے آنے کی اتنی خوشی ہو رہی ہے بتا نہیں سکتی .. آپ کے لکھی ہر سطر سے اپنایت کی مہک آ رہی ہے .. سلامت رہیں .. خوش آمدید ..جی آیاں نوں .. ہماری بلاگ فیملی میں آپ جیسے طالب علم کا اضافہ یقیننا اللہ کریم کی عنایت ہے .. اللہ کریم و رحیم آپ کی تمام مشکلوں کو آسان فرمائے ..آمین

  30. اسلام علیکم

    نگھت آپی آپ کا جواب پڑھ کر میں بیحد خوش ھوا ھوں. آپ نے اتنا سارا اچھا میرا اسقبال کیا جس کیلئے میں آپ کا نہایت ہی شکر گزار ہوں.
    اور اتنا پیار، محبت اور اخلاق ہے یہاں کہ میں بیاں بھی نہیں کر سکتا، میری امیدوں سے کئی گناہ زیادہ آپ نے ریسپانس دیا. انشااللہ میں ایک اچھا تبصرہ لکھنے کے قابل ضرور بن جاؤں گا. اور اللہ تبارک و تعالٰی آپ سب کی شرعی حاجات کو حقیقی روپ دے… آمین

    آپ سب کی دعاؤں کا طلبگار
    انصاف علی کھوکھر

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *