دل چیز کیا ہے ۔ ۔ ۔ !!

انسان کا دل کہنے کو تو بہت چھوٹی سی چیز ہے، لیکن اس چھوٹی سی چیز میں بہت کچھ چھپا ہوتا ہے۔ اگر انسان کسی دوسرے انسان سے دل کا حال جان لے تو پتا نہیں کیا ہو جائے۔ اس دل پر کتنی ذمہ داری ہوتی ہے۔ غم کو چھپائے رکھنا، درد کو چھپائے رکھنا، خواہشوں، کسی کی محبت، اپنے جذبات اور اپنی آرزوؤں کو چھپائے رکھنا۔
سمندر میں آنے والے طوفان کا سب کو پتا ہوتا ہے لیکن یہ دل کی خاص ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اندر کے طوفان کو چھپائے رکھے۔ یہ چھوٹے سے دل کی ہی ہمت ہے کہ وہ طوفان کو بھی چھپا لیتا ہے تو پھر ہم یہ کیسے مان لیں کہ یہ چھوٹی سی چیز ہے۔ دل تو بہت بڑی چیز ہے

22 thoughts on “دل چیز کیا ہے ۔ ۔ ۔ !!”

  1. دل دریا سمندروں ڈہونگے… کون دلاں دیاں جانے ہو
    وچے بیرے وچے جھیڑے وچے ونج مہانے ہو
    بے شک دل ایک ایسا حصہ ہے انسانی بدن میں کہ بعض اوقات دماغ بھی عاجز آ جاتا ہے دل کی کیفیات سے اور دسترس میں نہیں رہتا، بلکل ایسا ہی ہے جیسے اقبال نے کہا تھا کہ
    بے خطر کود پڑا آتش نمرود میں عشق….. عقل ہے محو تماشائے لب بام ابھی
    اور کئی سیانے لوگ کہتے ہیں کہ عقل کا ربط دماغ سے ہے اور عشق کا دل سے، اب دل کی کیفیات اور صلا حیتیں تو اہل عشق یا اھل دل ہی بتا سکتے ہیں جبکہ اس مادی دور میں یہ باتیں کم ہی ہضم ہوتی ہیں.

  2. میری امی کی ایک بات جو وہ اکثر کہتی ہیں مجھے بھی بہت پسند ھے کہ :-

    مسجد ڈھا دے، مندر ڈھا دے، ڈھا دے جو کجھ ڈھیندا
    اک بندے دا دل نہ ڈھانویں، رب دلاں وچ رہندا

  3. مگر ؔج کا المیہ کیا ہے ۔۔۔ ہم کسی دوسرے کی دل کی بات سمجھتے ہی نہیں ہیں ۔۔ ہر بندہ اپنی اپنی راگنی گا رہا ہے ۔۔ مجھے ا سبات سے بہت تکلیف ہوتی ہے ۔۔ہم سب اپنے اپنے قائدے بناتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ اس میں سب کو فٹ کر لیں ۔۔ ہم کسی دوسرے کو سانس لینے نہیں دیتے ۔۔۔۔کسی کا دل نہ دکھ جائے ۔۔کسی کو تکلیف نہ پہنچے ۔۔۔ کسی کے دل میں کیا ہے ۔۔ کسی کا دل کیا کر رہا ہے ۔۔کیا ہم ان باتوں پر ہلکا سا بھی غور کرتے ہیں ؟ نہیں نا ۔۔۔ سچے دل سے بتائے نہیں نا ؟۔۔۔ غور کیجئے ۔۔۔ ہم صرف یہ دیکھتے ہیں ۔۔ ہمارا دل کیا کر رہا ہے ۔۔ ہمیں کیا چاہیئے ؟ ۔۔۔ ہمارا دل اس بات کو مان رہا ہے یا نہیں ۔۔ ہم صرف اپنے دل کے غلام ہیں ۔۔ دوسرے کے دل تک کا راستہ ؔج کے دور میں بند ہوچکا ہے ۔۔۔ اور دل شائد ہمارا پورا نفس ہے ۔ اور یوں کہہ لیجئے ہم اپنے اپنے نفس کے تابع ہیں ۔ دوسروں کے احساسات سے بیگانہ ۔

  4. * اک دل کا درد ہے کہ رہا زندگی کے ساتھ
    اک دل کا چین تھا کہ سدا ڈھونڈتے رہے
    ===
    * ہر جلوہ مقابل نظر آتا ہے مجھے
    ذرہ بھی تو منزل نظر آتا ہے مجھے
    فیضانِ غمِ یار کے قربان جاؤں
    ہر پھول میں اک دل نظر آتا ہے مجھے
    ===
    * ظرف کی بات ہے کانٹوں کی خلش دل میں لئے
    لوگ ملتے ہیں ترو تازہ گلابوں کی طرح

  5. ثنا تم بھی نہ ۔۔ کیا دل کی باتیں لے بیٹھی ھو ۔۔چلو میں تمیں اپنی ایک نظم سناتی ھوں “فسانہ دل ”
    جی میں ھے
    کہ
    ایک کتاب ھو محبت کی جس کا نام تمنا ھو
    باب ھو اُس کے اُتنے ھی جتنی میری عمر ھو
    جس کے ھر صفحے پہ رکھے خواہشوں کے پھول ھو
    خواہشیں بھی ایسی جس میں ایک تمثیل ھو
    اُس تمثیل میں سر تا پہ میری اپنی ھی تکمیل ھو
    میرے ساحر
    محبت کی اُس کتاب میں
    ایسا کچھ تم بھی لکھو جو کسی نے اب تک لکھا نہ ھو
    ایک ایسا فسانہٍ دل جو میں نے اب تک پڑھا نہ ھو
    سنو
    میری جان
    میں تو
    ایک عجیب سی خواہش لکھ بیٹھی ھوں
    اپنے رب سے تمہیں
    صرف
    ایک دن کے لیئے مانگ بیٹھی ھوں
    میرے ساحر
    میرا یقین کہتا ھے
    تمھارے ساتھ ایک دن میں کئی جنموں کا سفر رھے گا

  6. “سانچ جیسی نہ تپسیا کوئی، جھوٹ جیسا نہ پاپ،
    جس ہردے سانچ بسے، اس ہردے بسے خود آپ!”
    (گرو نانک)

    دیکھیں ثنا جی! بات بڑے پتہ کی کی ہے آپ نے.
    دل! شعراء کا موضوعٍ بیاں، زندگی کا ثبوت، محبت کا امین، اور اس کی کروڑہا صفات الگ، پر جب وہ جسمانی طور پر ننھا منا سا دل، خدا کا مسکن بن جاتا ہے تو اللہ اللہ…..!
    اچھا لگتا ہے وہ اوپر بیاں کیا ہوا نانک کا شعر، جس میں وہ کہتا ہے کہ سچ جیسی کوئی عبادت نہیں، اور جھوٹ جیسا کوئی گناہ نہیں! اور جس دل میں سچ بستا ہے بس اس دل میں تو خود “اللہ” ہی رہتا ہے.

  7. آج صبح دفتر آکر ہمیشہ کی طرح پہلا کام عالمی اخبار کا صفحہ کھولا اور بلاگ پر چلا آیا، بس کیا تھا ثناء جی آپ نے موضوع ہی ایسا چھیڑا ہے کہ قلم اٹھائے نہ رہا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہائے دل یہی تو ہے جو گندہ خون جمع کرکے پھپھڑے کو بھیجتا ہے اور اسکے بدلے میں صاف خون پھپھڑے سے لیتا ہے تاکہ اس انسان کا جسم صیح سے اور پوری طرح سے اپنا کام کرسکے، دل بچارے کو تو یہ پتہ ہی نہیں چلتا کہ یہ جس کو انسان جانکر اپنا کام ایمانداری سے کیے جارہا ہے وہ کسقدر شقی القلب ہے، دل بچارہ یہ جان جائے تو وہیں نہ ڈھرکنا بند ہوجائے۔ لیکن دل تو دل ہے نہ صرف ڈھرک رہا ہے بلکہ جیسا آپ نے لکھا ہے ساری انسانی خصلت کو اپنے اندر سموتا ہی جارہا ہے۔۔۔۔۔۔ لیکن میں سمجھتا ہوں کہ دل صرف یہی نہیں کررہا ہے بلکہ اسکی آواز میں کوئ بہت بڑا پیغام بھی ہے جسے ہم نہ سمجھ پارہے ہیں اور نہ سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کبھی وقت ہی نہیں دیا ہم نے کہ کسی دن سکون سے بیٹھ کر تنہائ میں سننے تو کہ یہ دل ہم سے کیا کہہ رہا ہے۔

  8. “سانچ جیسی نہ تپسیا کوئی، جھوٹ جیسا نہ پاپ،
    جس ہردے سانچ بسے، اس ہردے بسے خود آپ!”
    (گرو نانک)
    کیا خوب کہا امر بھائی نے اور پتہ نہیں ہم دن میں کتنے پاپ کرتے ہیں۔ دل صرف غم کی جگہ نہیں مگر خوشی بھی وہاں پائی جاتی ہے۔ اگر غم کے سارے اسباب ختم کرکہ اس کو نورخدا سے بھردیں تو یقین مانیے کوئی غم نہیں آئے گا۔

  9. ایسا زبردست موضوع یے آج کا غیراختیاری ہی لکھنا شروع ہوگی “ہا ئے دل” یہ بیچارا دل ،اس دل کے اندر ایسی انہونی خواہشات بھی ہوتی ہیں ان کا پورا ہونے کا خوف بھی ہوتا ہے اور نا مکمل رہےجا نے کا غم بھی ،بقول غالب ہزاروں خواہش کے ہر خواہش پر دم نکلے ، دل کی ہر چاہت پوری ہوبھی نہیں ہوسکتی اس دل کا کیا یے ہر وہ کام کرنے کی طرف راغب ہوتا جس کو پوراکرتے کرتے اپنی پوری زندگی بھی خرچ ہوجاتی لیکن دل کی آرزو پوری نہیں ہوتی وہ ایک اور خواہش لے کر بٹھہ جاتا ایک ضدی بچے کی طرح جب ایک مانگ پوری ہوگی تو دوسری بھی مان لی جا گئ۔ اور دوسری با توں کے سا تھ ہمیں وسیعی القلب بھی ہونا ھوگا ، کسی کی پھی دل آزاری کی اجازت نہں ،اور ساتھہ ہی اپنے دل میں چھپو ئےہوئے طوفان کو کہرام سے بچا نا ہوگا اور ویسے بھی” بیشک حال دل اللہ ہی بہتر جانتا ہے”

  10. خواب کی چادر تان کے دیکھو کیسے سوتا ہے
    دل ہے یا کہ ننھا بچہ پل پل روتا ہے

    عمرِ رواں کی بات نہ کر بے وفا ہے وہ
    دل کی سنا جو آج تک لیتا ہے تیرا نام

    دل کے تو بڑے بڑے کارنامے ہیں جی!!! اب کیا کیا بتائں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  11. جی کو خوش رکھنے کے سو بہانے اور آنکھوں سے دور مگر دل میں بسنے والے کو یاد کرنے کا بھی ایک سے ایک ڈھنگ،سو رنگ
    غنچہ ء شوق لگا ہے کھلنے
    پھر تجھے یاد کیا ہے دل نے
    مگر یاد کا یہ موسم ہمیشہ ایک سا نہیں‌رہتا جیسے محبت کبھی دھوپ کبھی چھاوں بن جاتی ہے۔کچھ یہی کیفیت دل کی بھی رہتی ہے۔
    دل پہ اُن کا ہی ہاتھ تھا لیکن
    آج پہلے سے کم قرار آیا
    کبھی خود ہی میٹھی میٹھی کسک چٹکیاں لیتی ہے ،سارے پھیکے رنگ یکدم شوخ۔میلے منظر بھی آنکھوں کو بھلے لگتے ہیں،جاگتی آنکھوں میں خواب اور سانسوں میں‌خوشبو بس جاتی ہے۔درد پا لینے کی خواہش جاگ اٹھتی ہے۔
    دل کی بستی عجیب بستی ہے
    لو ٹنے والے کو ترستی ہے
    پھر ایک روز دل کی بستی چھوڑ جانے والا اُداس کر جاتا ہے۔سارے شوخ رنگ پھیکے،اُجلے منظر میلے ہو جاتے ہیں ۔خواب راکھ ہو جاتے اور خوشبو ہواوں میں تحلیل ہو جاتی ہے
    نجانے کون سا آسیب دل میں‌بستا ہے
    کہ جو بھی ٹھہرا، آخر مکان چھوڑ گیا
    پھر کسی کے پوچھے کیا بتائے؟لوگ ہنس دیتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔دل کے اجڑنے پر بھی ہنس دیتے ہیں!
    دل کی کیا بات کریں، دل تو ہے ناداں جاناں
    پھر ڈھونڈتے پھرو اسے ، گلی گلی نگر نگر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کوئی رستہ روکے تو بتائے نا بنے،چپ !خاموش!خود اپنے اآپ کو خبر نہیں کس کی تلاش ہے،کس کے پیچھے سونے سے پیتل ہو گئے
    اے دل ناداں آرزو کیا ہے، جستجو کیا ہے
    کون دل کی بات بتائے؟کیا خواہش؟ کیا آرزو؟ کیا جستجو؟
    کوئی خاموشی کی زبان سن سکے تو سنے
    ایسا گم ہوں تری یادوں کے بیابانوں میں
    دل نہ دھڑکے تو سنائی نہیں دیتا کچھ بھی
    مگر انا کی بھینٹ تو خود ہی چڑھ گئے،قطع تعلق خود ہی کیا تب تو ایک پل میں کہہ دیا تھا
    اب تو ہمیں بھی ترک مراسم کا دُکھ نہیں
    پر دل یہ چاہتا ہے کہ آغاز تُو کر ے
    تو دوستو !وہ بچھڑ گیا تو پھر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔دل یوں ماتم کناںہے۔
    ایک ایک کر کے چلے جاتے ہیں‌سب لالہ خرام
    اہل ِ دل
    اہل ِجگر
    لذت ِ درد گئی
    لطفِ دل ِ آزار گیا
    آو کچھ دیر کو گریہ کر لیں
    دشت عشاق سے خالی ہوا جاتا ہے

  12. درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
    ورنہ طاعت کے لیے کچھ کم نہ تھے کروبیاں
    ماشااللہ کیا بات ھے آپ سب کی بہت خوب تبصروں سے اس بلاگ کو چار چاند لگا دیے ہیں
    🙂

    دل خوش کر دیا سب کے خوبصورت تبصروں نے کہ دل کی باتیں دل والے ھی جانتے ہیں آپ سب کے ان خوبصورت تبصروں کا شکریہ !
    ابھی کلاس میں ھوں بعد میں تفصیلی جواب لکھوں گی انشااللہ

  13. دل ، عقل ، عشق ، ادراک وغیرہ کا انحصار صاف ستھرے “ضمیر ” پر ہے ۔
    اگرسب کچھ زندہ ہوں مگر ” ضمیر ” ہی مردہ ہوتو ان تمام عناصر کا کوئی فائدہ ہی نہیں۔
    امریکہ میں ایک انسان برنارڈ میڈوف نے اپنے دل اور دماغ اور عقل سے کام لے کر کڑوڑوں ڈالروں کو خرد برد کردیا اور ہزاروں انسانوں کے سرمائے کو ضایع کردیا صرف اس وجہ سے کہ اسکا ” ضمیر ” مرچکا تھا ۔
    پاکستان میں بھی اور دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی ایسی مثالیں موجود ہیں جن میں ” بے ضمیر ” انسانوں نے شیطانوں سے بڑھکر برے کام کیے ۔

    انسان کا سچا ساتھی اور بہی خواہ اور استاد اسکا روشن “ضمیر ‘ ہے باقی سب “دل ” کو بہلانے کی باتیں ہیں۔
    فقط :
    خیر اندیش :
    منظور قاضی از جرمنی

  14. @ منظور قا ضی جی ::
    سچ کہا آپ نے کہ استاد روشن “ضمیر ‘ ہے باقی سب “دل ” کو بہلانے کی باتیں ہیں۔ بےشک ! پر ھم بھی اتنے مجبور ھو جاتے ہیں کہ چاہے ضمیر جتنا بھی روکے ٹوکے سننی ھم نے دل کی ھی ھوتی ھے اور چاہے دل کوئی غلط ہی فیصلہ کیوں نا لے لے ھم اسی کی تقلید کرتے ہیں ایسا بےبس ھے ھر کوئی دل کے آگے 🙂

  15. اسی بات پر تو حالی نے کہا ہے کہ:
    فرشتوں سے بڑھکر ہے انسان بننا
    مگر اس میں لگتی ہے محنت زیادہ
    ۔۔۔
    انسان نے جس وقت اپنے ضمیر کے ” روکنے اور ٹوکنے ” کے خلاف اپنے دل کا کہنا مانا وہ دنیا کی نگاہوں میں فرشتہ تو بن گیا مگر اپنے ضمیر کے سامنے انسان نہ بن سکا ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔
    یہ میرا اپنا خیال ہے ویسے ہر ایک کی مرضی جو چاہے کہے اور اپنے ” دل ” کو بہلاتا رہے۔
    فقط :
    ایک بائی پاس شدہ دل والا
    منظور قاضی از جرمنی

  16. انتہائی محترم منظور قاضی صاحب آپ کی بات سے میر ادھیان فورآ سوموار خان کی طرف گیا جو فیصل آباد سے گجرات جا رہا تھا۔وزیر آباد کے قریب کوچ کے کنڈکٹر نے جب آواز لگائی ” بائی پاس والے اُتر جائیں “ تو گجرات کا رہائشی سوموار خان بھی دیگر مسافروں کے ساتھ وزیر آباد بائی پاس پر اُتر گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔یہ بتانے کی ضرورت نہیں چند ماہ قبل اُس کے دل کا بائی پاس آپریشن ہوا تھا ۔
    دماغ والوں نے بڑے بڑے کام کئے سمندر کھنگال لئے ، آسمان کو چھو لیا ، چاند کو تسخیر کر لیا ،کائینات کے بہت سے راز پا لئے اور ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جیتی جاگتی زمین کی کوکھ اجاڑنے کے لئے منوں بارود،ٹنوں کے حساب سے اسلحہ !دنیا کی بڑی بری جنگیں دماغ سے لڑی جاتی ہیں مگر کیا یہ عجیب بات نہیں کہ دل جیتنے اور ہمیشہ کے لئے مفتوح کر لینے کے لئے صرف ایک مسکان !قصے عقل والوں کے دنیا سناتی ہے،ہیبت زدہ ،دنگ کردینے ، حیران اور لرزا دینے والے مگر داستانیں جنہیں دوام حاصل ہوا وہ دل والوں کی کہانیاں ہیں‌۔دل ہے تو کھلنے والا ہر نیا پھول زندگی کی علامت ہے ،ہر آنے والی صبح روشن اور بیتا ہوا پل امر ہے۔
    زندگی زندہ دلی کا نام ہے
    مردہ دل خاک جیا کرتے ہیں

  17. جس کا ضمیر مردہ ہے اسکی زندہ دلی بھی خاک کے برابر ہے ۔
    بے ضمیر جینے کی بجائے ” زندہ دلی” کے ساتھ دنیا سے” بائی پاس ” ہوجانا ہی بہتر ہے۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔

    سید علی محسن صاحب کو انکی زندہ دلی مبارک ہو ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    خیر اندیش:
    منظور قاضی از جرمنی

  18. محترم منظور قاضی صاحب!بہت محبت!
    میرا خیال ہے میں نے کہیں بھی ضمیر اور زندہ دلی کا تقابل نہیں کیا۔اس میں دوسری رائے کیا ہو سکتی ہے کہ بے ضمیر شخص اس زمین کا بوجھ ہے ۔بہرحال زندہ دلی کے حوالہ سے آپ کی مبارکباد بصد احترام قبول۔
    آپ نے اپنی زندہ دلی کا ثبوت ” زندہ دلی” کے ساتھ دنیا سے” بائی پاس ” لکھر کر دے دیا۔مزا آیا یہ جملہ پڑھ کر،تلخ حقیقت مگر شگفتگی کے ساتھ آپ نے بیان کی۔
    اللہ تعالیٰ آپ کو لمبی عمر بہت اچھی صحت کے ساتھ عطا فرمائے آمین

  19. سید محسن علی صاحب نے جس وسیع القلبی ( فراخدلی ) سے میری تحریر پر تبصرہ کیا ۔
    خدا کرے کہ عالمی اخبار کے بلاگوں میں شرکت کرنےوالے اسی طرح اپنی فراخ دلی کا مظاہرہ کرکے ایک دوسرے کا “دل ” رکھتے رہیں ۔
    شاید سعدی نے ہی کہا تھا کہ:
    ترجمہ : دل کو جیتو کہ یہ حج اکبر کے برابر ہے
    دل زندہ ہو اور ضمیر روشن ہو تو ایسا انسان فرشتوں سے بہتر ہے۔
    ۔۔۔۔
    شکریہ اور عزت اور احترام کے ساتھ
    منظور قاضی از جرمنی

  20. دل کئ پاتیں دل سے سنتے دل سے کہتے رہتے ھیں
    دل والے پس دل سے جیتے دل سے مرتے رھتے ھیں

  21. انیلا سومرو جی آپ کو عالمی بلاگ کی اس محفل میں بہت بہت خوش آمدید !!
    اور دل سے welcome اب لکھتی رہیے گا 🙂

  22. جا بچھڑ جا مگر خیال رهے
    یہ نا هو پھر عمر بھر ملال رهے !
    آپ سب کے لیے بس یہ ہی تبصرہ ھے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *