جینے کی اہمیت

مجھے کتابیں پڑھنا بہت اچھا لگتاہے اور مجھے یہ بھی بہت اچھا لگتا ہےکہ میں ٹرین میں سفر کروں تاکہ سارا رستہ کوئی کتاب پڑھ سکوں یا گاڑی کوئی اور چلا رہا ہو تاکہ میں کسی کتاب کی ورق گردانی کر سکوں ۔ میرے شوہر میری اس عادت سے سمجھوتہ کر چکے ہیں بلکہ اکثر یاد دہانی کے لئے پوچھ لیتے ہیں کہ کتاب رکھ لی ہے نا ۔۔ بچوں سے اکثر تنقید سہنی پڑ جاتی ہے تو اس وقت میں یہ دیکھتی ہوں کہ کب یہ لوگ اپنے کانوں میں سپیکر لگائے ہم دونوں پر سے دھیان ہٹائیں تو میں کتاب کھول سکوں ۔۔ ایک اور بات جو مجھے اپنی اچھی نہیں لگتی کہ میں جو بھی پڑھوں اس کی داد مجھے اسی وقت دینے میں مزہ آتا ہے ۔ اب ظاہر ہے کہ کتاب لکھنے والا تو مجھے میسر نہیں ہو سکتا .. تو پھر آ جا کر انہی کے کان کھاتی ہوں کہ یہ دیکھئے کتنا اچھا لکھا ہے .. یہ دیکھئے کسی نے کتنا اچھا کہا ہے ۔۔ بس اسی طرح سے روانی میں زندگی گزر رہی ہے ۔۔

میں اتنی تمہید کبھی نہ باندھتی جو میں ہوسپٹل میں نہ ہوتی کیونکہ یہاں میری زبان سمجھنے والا کوئی نہیں ہے ۔۔ میں آج کل ایک کتاب پڑھ رہی ہوں “ جینے کی اہمیت “ جو 1952 میں چھپی تھی ۔۔ ایک چایئنز رائٹر کی کتاب کا ترجمہ ہے ۔۔ بد حال سی یہ کتاب مجھے میری امی جی ( ساس ) نے اباجی (سسر مرحوم) کی لائبریری کو ایک صندوق میں بند کرتے وقت بھجوائی تھی.

کتاب کے مصنف “لین ،یو۔ تانگ“ جس کا ترجمہ جناب مختار صدیقی نے کیا ہے .. ایک باب میں خوشی کی تمثیل بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں ..اور ساتھ ہی خود سے سوال بھی پوچھتے ہیں ..

“ مجھے پرانے ٹرنک یا الماری کے کونے میں کسی دوست کے ہاتھ کا لکھا ہوا خط مل جاتا ہے ۔۔۔۔ کیا یہ مسرت کا لمحہ نہیں ۔۔؟؟

اور میں جب سےسوچے جا رہی ہوں اور اپنی الماری کے کونے اور ڈائری میں رکھے خط نکال کر پڑھ رہی ہوں ۔۔ جن میں میرے مریضوں کے ہاتھ کے بنے کارڈز بھی ہیں اور ان کے لکھے خط بھی ۔۔ میں نے ایک خشگوار سی حیرت کے ساتھ کھڑکی سے باہر دیکھا تو دھوپ میرے سر پہ سائیبان کی طرح مسکرا رہی تھی ۔۔ ہر طرف پھول ہی پھول تھے اور میرے چاروں طرف اخلاص اور اعتبار کی مہک ۔۔۔

مجھے لگا جیسے ہم سب کو اکثر ان خطوں کو ڈھونڈنا چاہئے اور انہیں بار بار پڑھنا چاہئے تاکہ ہم اند باہر سے مہکتے رہیں ۔۔ اور ہر حال میں خوش رہنا سیکھ جائیں..

24 thoughts on “جینے کی اہمیت”

  1. اسلام علیکم
    بلکل آپی ، ویسے تو آج کل خطوط کا زمانہ نہی رہا مگر واقعی اب بھی اگر کبھی کچھ کھوجتے ہوئے پرانے خطوط مل جائیں تو آدمی سب کچھ بھول کر اُنہیں پڑھنے بیٹھ جاتا ہے ، ابو جی کے کچھ پرانے خطوط میرے پاس ہیں جنہیں میں اکثر پھر سے پڑھنے بیٹھ جاتا ہوں ، اور کتابوں کے مطالعے کی بات بھی آپ نے خوب کہی ، یہی سب کچھ میرے ساتھ ہوتا ہے ، اسی لیے مجھے ’’ بھائی جان ‘‘ ( آپ کے شوہر ) سے دلی ہمدردی ہے ۔
    آصف احمد بھٹی

  2. آصف کیا ایسا نہیں ہو سکتا کہ تحریک انصاف ڈاکٹرز کے ایشوز کی سرپرستی کر سکیں اور ان کے مستقبل کو بچانے کے ساتھ ساتھ ملک میں مچی افراتفری کو کم کر سکے ۔۔

    میرے ساتھ کچھ ڈاکٹڑز انڈیا کے بھی کام کرتے ہیں ۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ 80 میں اسی طرح کی ہڑتال مہاراشٹڑ میں ڈاکٹڑز کی ہوئی تھی اور وہ بھی اس میں شامل تھے اور وہ ہڑتال 75 دن چلی ۔۔ ڈاکٹرز کو نوکریوں سے نکالا گیا ۔۔ شو کاز نوٹس بھی ملے ۔۔ نئے ڈاکٹرز بھرتی کئے گئے جو دو ہفتوں کے بعد انہیں آ ملے کہ صرف تین ہزار پر وہ لوگ صبح سے رات کے 12 بجے تک کام نہیں کر سکتے ۔۔ پھر گاؤں اور شہروں میں ہسپتالوں کی روٹین اور کلچر میں بہت فرق ہوتا ہے ۔۔ وہ لوگ یہ سختی برداشت نہ کر سکیں ۔۔ پھر ایک سیاسی جماعت نے ان کی پشت پناہی کی اور ان کے ساتھ مل کر یہ تحریک اپنے انجام کو پہنچہ اور آج کل ینگ ڈاکٹڑ کی تنخواہ 30 ہزار ہے اور سال کے سال عہدے کے حساب سے اپ گریڈ ہوتی ہوئی 70 ہزار تک چلتی ہے ۔۔ لیکن پھر بھی صوبے صوبے کے حساب سے تنخواہوں میں فرق رہتا ہے ۔۔

    اس نے کہا کہ پاکستان کے ڈاکٹڑز بلکل صحیح لڑ رہے ہیں کیونکہ ڈاکٹرز مریضوں کی جان بچانے کے لئے اتنی محنت کرتے ہیں ۔۔ اس لئے نہیں کہ ہڑتال کریں ۔۔ ہڑتال کرنا اپنی ڈگریوں کو داؤ پر لگانے کا مقصد ہی یہی ہے کہ کوئی ان کی نہیں سن رہا ۔۔ کوئی انہیں سریس نہیں لے رہا ۔۔ ایسے میں پورے ملک کے ڈاکڑز کو ایک دوسرے کے ساتھ مل جانا چاہئے اور گورمنٹ کی سختیوں کا مقابلہ ایک ہی بار کر لیں ۔۔ اور میرا ماننا بھی یہی ہے کہ اب ڈاکٹڑز کو پیچھے نہیں ہٹنا چاہئے بلکہ عمران خان کو ان کی سپورٹ کرنی چاہئے کہ اس سے بہتر ڈاکٹرز کے مسائل کو کوئی نہیں سمجھ سکے گا ۔۔

    میں چونکہ ینگ ڈاکٹرز کے مسائل سے اگاہ ہوں اور خود گزر کر آئی ہوں اس لئے میں ان کی حمایت کرتی ہوں ۔۔ پاکستان میں ایک عورت ڈاکٹڑ کو سیکیورٹی کے جنے مسائل ہیں وہ بیان سے باہر ہیں ۔۔ اور شفٹس میں کام کرنا کبھی کبھی انتہائی نا ممکن ہو جاتا ہے ۔۔ ہم سب کو اپنے ملک کی بہترین روشن دماغوں کی قدر کرنی ہو گی اور انہیں اپنے ملک بدر ہونے سے بچانا ہو گا ۔۔۔ کیا آپ عمران خان کو میرا پیغام پہنچا سکتے ہیں کہ اس کڑے وقت میں ڈاکٹڑز کو ان کی حمایت چاہئے ۔۔ تاکہ ہم یہ جنگ جیت سکیں ۔۔

  3. السلام علیکم
    نگہت آپی ، سب سے پہلی بات تو یہ کہ میں بھی آپ کی طرح ڈاکٹرز کے مسائل کا حل چاہتا ہیوں ، اور صرف ڈاکٹرز کے ہی نہیں بلکہ سب ہی لوگوں کے مسائل کا حل ہونا چاہیے ، اور پاکستان تحریک انصاف اس کے لیے کام کر رہی ہے ، میں نہیں جانتا کہ عمران خان کی ڈاکٹرز کے معاملے پر کیا رائے ہیں اور وہ کیا لائحہ عمل اپنانا چاہتا ہے ، مگر میں ذاتی طور پر نہیں چاہونگا کہ عمران خان اس معاملے میں پڑے ، اُس کی وجہ یہ ہے کہ یہ ڈاکٹرز کی اپنی تحریک ہے ، اگر کوئی سیاسی جماعت اس میں کودے گی تو وہ اِسے ہائی جیک کر لے گی اور اپنی سیاست چمکائے گی جیسے وکلاء کی تحریک مین بلکل آخر میں نواز شریف کودا تھا اور اُس تحریک کو ہائی جیک کر لیا تھا ، یہ درست فعل نہیں ہے ، ہماری ساری ہمدردیاں ڈاکٹرز کے ساتھ ہیں مگر اُنہیں اپنی لڑائی خود لڑنے ہو گی ، ہم ہر قسم کی مورل سپورٹ کے لیے حاضر ہیں بس وہ انسانیت کا احترام کرتے ہوئے اپنی ہڑتال میں کچھ وقت کم کردیں اور مریضوں کو بھی دیکھیں ، ہاں اگر وہ اپنی تحریک کو ہسپتالوں سے باہر لاتے ہیں میں یقینا یہ چاہونگا کہ میری تحریک اُن کے ساتھ شانہ بشانہ ہو ، یہ تب ہی ممکن ہے کہ ڈاکٹرز اپنا غصہ مریضوں کے بجائے حکمرانوں پر نکالیں اور اپنا احتجاج اسمبلیز کے باہر دھرنے کی شکل میں ریکارڈ کروائیں ، یہ کسی حد تک رسکی ہے مگر جب آپ کوئی تحریک شروع کرتے ہیں تب پھر ایسے چھوٹے موٹے رسک تو لینے ہی پڑتے ہیں ، تب یقینا میری جماعت اپنے تمام تر توانائیون کے ساتھ ڈاکٹرز کے پیچھے کھڑی ہوگی جیسے ہم لوگ وکیلوں کے پیچھے کھڑے رہے تھے مگر ہم نے اُن کی تحریک ہائی جیک نہیں کی تھی حالانکہ ہماری جماعت کے نائب صدر جناب حامد خان ایڈوکیٹ اُس تحریک کے رہنماؤں میں سے تھے مگر تب بھی اُس پورے وقت اُنہوں نے بحیثیت نائب صدر پاکستان تحریک انصاف کی اپنی شناخت پس پشت ڈالے رکھی اور بطور وکیل رہنما سامنے رہے ، اب بھی ہم ڈاکٹرز کے ساتھ ہیں اور رہینگے مگر ڈاکٹرز کو بھی اپنے حقوق کی جنگ ہسپتالوں سے نکل کر لڑنی ہو گی ، اُن کا ٹارگٹ حکمران ہونے چاہیے نا کہ عام عوام ۔
    دُعاؤں کا طالب ۔ آصف احمد بھٹی

  4. آصف مجھے آپ سے اتفاق ہے ۔ ڈاکٹرز کو اپنی لڑائی خود لڑنی چاہئے ۔۔ مجھے خوشی ہے کہ تحریک انصاف کسی کی جدو جہد کو ہائی جیک نہیں کرنا چاہے ۔۔ تاہم مجھے اس سلسلے میں عمران خان کے موقف کا انتظار ہے

    چلئے چھوڑئے ہم کتابوں اور خطوں کا زکر کرتے ہیں ۔۔

  5. اسّلام علیکم محترم و مسیحا بیٹی ،
    یہ جو کتاب اور اس کے شائق کا رشتہ ہے نا ! بڑا انوکھا رشتہ ہے ،یہ اپنے شائق کو دنیا جہان سے بیگانہ رکھتا ہے ،اور ایسے شوق رکھنے والوں کو اگر کبھی کسی ٹرنک میں الماری میں کجھ کھوجتے ہوئے کسی بھولی بسرے عزیز ،دوست کا خط مل جائے تو پھر کیا ہی کہنے کتاب گئ ایک طرف اور آنکھیں لگ گئیں پرانے حرفوں کو پڑھنے ،
    تحریر تمھاری میرے ارمانوں کی عکّاس
    مہکی ہوئ سطریں ہیں جواں شوق ہیں الفاظ
    ہر سطر میں ارمانو ں کی لڑیا ہیں پروئ
    ”اظہار ہے کچھ شوق کا کچھ حسرتیں سوئ
    میرے شوق کتب بینی کو میرے شوہر صاحب نے بھی کچھ یوں تسلیم کر لیا تھا کہ و ہ صبح میرا بیگ تیّار کر تے ہوئے کتابوں کی الماری کی جانب دیکھ کر پوچھتے تھے کون سے را ئٹر کی کتاب رکھ دوں
    اس لئے میں آفتا ب میاں کو دعائیں دوں گی کہ وہ بھی تمھارے شوق کا احترام کرتے ہیں
    دعاگو زائرہ بجّو

  6. بہت خوب نگہت نسیم آپ اپنے نام کی طرح وہ خوشبو بھری ھوا ھو جو اپنے نئے نئے خیال صفحہ قرطاس پر پیھلا کر یادوں کے دریچے کھولدیتی ھو خدا آپکو شاد وآباد رکھے آمین کیا لطیف پرکیف زمانے تھے جب خط تحریر کیے جاتے تھے خط تحریر کرنے والا آپکو بہترین القابات سے
    نوازتا تھا کتابوں کی کیا کہیئے سال گرہ ھو کتاب کا تحفہ امتحان میں پاس ھوں کتاب کتاب اور خوشی لازم وملزوم تھے مت پوچھو پرانے خطوط
    بار بار پڑھ کر جو خوشی ھوتی ھے اچانک زمانے پلٹ جاتے ھیں وہ یادیں جو تحریر میں زندہ ھوتیں ھیں مجسم ھو کر کھڑی ھو جاتی ھیں
    لیکن اس وقت آپ کو پرانے خطوط پڑھتے ہوئے دو کیفیات نصیب ھوتی ھیں یا تو لبوں پر مسکراہٹ یا آنکھوں میں آنسو

  7. اتنی اچھی تحریر کہ ھر بار لگے جیسے میرے دلی جذبات کہہ ڈا لے

  8. جب سے یہ بلاگ کھلا ہے گھر میں گھمسان کی جنگ چھڑ چکی ہے اور جنگ بندی کے امکانات دور دور تک نظر نہیں آرہے ۔ بچے اقوام متحدہ کا رول تو ادا کر رہے ہیں مگر ساس صاحبہ جو سیکورٹی کونسل بنی ایک نہیں چلنے دے رہیں ۔ میرے مطالبات و احتجاجات ایک طرف اور ’بے غم ‘ کے شکوے بہانے اپنی جگہہ ۔ پاکستان سے روانگی کے وقت اپنی کچھ یاداشتیں ، جن میں پرانے خطوط بھی تھے ، بڑی چاہت سے خود پیک کئے ۔ لیکن ’ بے غم ‘ صاحبہ کو اپنے نوادرات کا غم کھائے جا رہا تھا ۔ آنسو میری کمزوری ہیں ، سو دل پہ پتھر رکھ کر یہ بوجھ امانتاً کسی اور کے کندھے پہ ڈال دیا اور پردیس کی راہ لی ۔

    اب جو یہ بلاگ شروع ہوا تو دل کے پھپھولے جل اٹھے ۔ بار بار بلاگ کھول کر دکھاتا ہوں کہ یہ دیکھو ، کیسا سنہرہ نسخہ ہے مسرت و شادمانی میں کھونے کا ۔ لیکن وہ ’ بے غم ‘ ہی کیا جو ہار مان جائے ۔ اکیسویں صدی اور جدید دور کے تقاضوں پہ لیکچر شروع ہوگیا کہ جیدی جی اب ہم نہ تو پاکستان میں ہیں اور نہ ہی 13ویں صدی میں ! اب ایس ایم ایس اور ای میلز کا دور ہے ، پرانے خطوں کا نہیں ۔ اگر فالتو وقت آپ کو ڈس رہا ہے یا اداسی نے آن گھیرا ہے تو کمپیوٹر آن کریں پرانی ای میلز پڑھنا شروع کردیں ۔ جب ادھر سے جی اکتا جائے تو موبائیل سے کھیلنا شروع کر دیں اور اپنے پرانے ایس ایم ایس خود بھی پڑھیں اور ہمیں بھی پڑھ پڑھ کے سنائیں ۔

    اب ہے کسی کے پاس جواب ’ بے غم ‘ کی اِس دلیل کا ؟ کم از کم میرے پاس تو نہیں ، لہذا سیز فائیر ، سفید جھنڈا اوپر !

  9. فائزہ عالمی اخبار کی بلاگ فیملی میں اردو کے ساتھ اینٹری ۔۔ وللہ مزہ آ گیا ۔۔ جیتی رہو خوش رہو ۔۔ ہمارہ اردو کو اپنی فرنچ ادب سے سجاؤ ۔۔ ہمارے لئے فرنچ کتابوں کے اردو میں ترجمے کرو اور ہمری کتابوں کا فرنچ میں تاکہ ہم ایک دوسرے سے مل سکیں ۔۔ ہماری ادبی دوریاں کم ہو سکیں ۔۔ فائزہ تم میں بہت Potential ہے ۔۔ جو ایک دن میں اردو لکھنا سیکھ سکتا ہے سو چو وہ برسوں میں کیا کچھ نہیں کر سکتا وہ بھی تم جیسی با ادب لڑکی جسے بیٹھنے کو کہوں تو بیٹھی رہتی ہے جب تک کہہ نہ دوں کہ فائزہ اٹھ جا بچے ۔۔ جیتی رہو ۔۔ تمہاری سعادتمندی کی لمبی عمر کے لئے دعا گو ہوں ۔۔۔ امین

  10. کیانی بھائی لگتا ہے کہ فوجیوں کی چھٹیاں ہیں آج کل .. آپ ایسا کریں کہ یادوں سے کام چلائیں .. ویسے بےغم کا آیئڈیا جی کو لگا .. انہیں کہیں کہ بلاگ میں آکر ہم سب کو بھی مشورہ دیں کہ ہم اپنے تمام خط کہاں چھپائیں .. کچھ نہ سمجھے کوئی خدا کرے .. ہاہاہاہا

  11. فاطمہ آپ بھی یہ بھی تو بتائیں کہ کس کس کے خط یاد آتے ہیں .. اچھا سنیں آپ نے صفیہ اختر کے خط پڑھیں جو اس نے اپنے شوہر مشہور شاعر جاں نثار اختر کو لکھے تھے .. یا کبھی خلیل جبران کے خط پڑھیں ہیں جو اس نے اپنی عزیز دوست می زیادہ کو لکھے تھے … اور امرتا پریتم کا خط جو اس نے ساحر لدھیانوی کے نام لکھا تھا .. خط لکھنا ایسے ہی جیسے اپنی یادوں کو احساسات کے صندوق میں بند کر نا .. مجھے خط لکھنا بہت پسند ہے ..

  12. اب ای میل اور فیس بک اور ٹوئٹر کے زمانے میں قلم کی مدد سے خطوط لکھنے کی روایت ختم ہوگئی ۔
    کاش کہ ایسا نہیں ہوتا !!

    وہ بھی کیا دور تھا جب کہ بیوی اپنےخاوند کو “سرتاجِ من سلامت “ کے الفاظ سے مخاطب کرتےہوئے خط کی ابتدا : “ میں خیریت سےہوں اور آپ کی خیریت خداوند کریم سے نیک چاہتی ہوں “ جیسے الفاط سے کرتی تھی ۔ اور اگر وہ بیوی ہندی فلموں سے متاثر ہوکر اپنے شوہر کو خط لکھا کرتی تھی تو “ میرے من مندر کے دیوتا “ جیسے الفاظ کا استعمال کرتی تھی اور اسکا شوہر اپنی بیوی کے خط ملنے پر اسکا جواب “ میرے سپنوں کی رانی “ سے شروع کرتا تھا ۔

    وہ سب دن ایک خواب بن گئے ہیں ۔ اب اردو فانٹ میں ای میل کا یا بلاگ لکھنے اور تبصرے لکھنےکا زمانہ آگیا ہے ۔

    وہ زمانہ گیا جب غالب جیسا شاعر کہتا تھا کہ :

    خط لکھینگے گرچہ مطلب کچھ نہ ہو
    ہم تو عاشق ہیں تمھارے نام کے

    یا یہ کہ :
    قاصد کے آتے آتے خط اک اور لکھ رکھوں
    میں جانتا ہوں جو وہ لکھیں گے جواب میں

    غالب نے اپنے بے رحم محبوب سے یہ بھی کہا کہ :

    قاصد کی اپنے ہاتھ سے گردن نہ مارئیے
    اُس کی خطا نہیں ہے یہ میرا قصور تھا

    غالب کو تو اپنے خطوط کے نامہ بر پر بھی اعتبا رنہیں تھا اس لیے اس نےکہا کہ :

    ہولیے کیوں نامہ بر کے ساتھ ساتھ
    یارب، اپنے خط کو ہم پہنچائیں کیا

    غالب نے قاصد پر رشک کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ:

    گزرا اسد مسرتِ پیغامِ یار سے
    قاصد پہ مجھ کو رشک سوال و جوا ب ہے

    غالب قاصد کی گھبراہٹ کو بھی محسوس کرتا ہے :

    وہ بد خو ، اور میری داستانِ عشق طولانی
    عبارت مختصر ، قاصد بھی گھبراجائے ہے مجھ سے

    غالب کوخط لکھنے کی صلاحیت پر اتنا ناز تھا کہ اس نے یہ بھی کہا کہ :

    مگر لکھوائے کوئی اُس کو خط تو ہم سےلکھوائے
    ہوئی صبح ، اور گھر سے کان پر رکھ کر قلم نکلے

    ۔۔۔۔۔
    غالب کی تمنا تھی کہ :

    پھر چاہتا ہوں نامئہ دلدار کھولنا
    جاں نذرِ دل فریبی ء عنواں کیے ہوئے

    غالب نے اپنے ندیم سے یہ بھی کہا تھا کہ :

    تجھ سے تو کچھ کلام نہیں لیکن اے ندیم
    میرا سلام کہیو اگر نامہ بر ملے

    خطوط کےمضمون پر شائد غالب نے یا کسی اچھےشاعر نے کہ اشعا ربھی کہےہین کہ:
    چند تصویر بتاں چند حسینوں کے خطوط
    بعد مرنے کے مرے گھر سے یہ ساماں نکلا
    ۔۔۔۔۔
    اور یہ بھی کہ :

    کھلے گا کس طرح مضموں مرے مکتوب کا یارب
    قسم کھائی ہے اُس ظالم نےکاغذ کے جلانے کی

    ۔۔۔۔۔۔
    اب یہ عالم ہے کہ :

    ای میل بھیجا امن کا پیغام سمجھ کر
    اُس نے ڈیلیٹ کردیا اسپام سمجھ کر

    فقط:
    منظور قاضی
    جرمنی سے

  13. اسلام و علیکم

    آج کُچھ فرصت نصیب ہوئی تو آپ سب کے درمیان حاضر ہو گئی ہو ں مُجھے پتا ہے میری آپی جانی کو بھی لگتا ہو گا یہ گڑیا کہاں گُم ہو جاتی ہے میں پوری کوشش کرتی ہوں مگر وہ ہی بات ہمیشہ دیر کر دیتی ہوں .. خیر ابھی یہ بلاگ پڑھا بہت اچھا لگا آپی کی یہ خاصیت ہے کہ ان کی تحریر سے ہی ان کی شخصیت کا اندازہ ہو جاتا ہے . اگر اس بلاگ پر سے آپی کا نام ہٹا دیں تب بھی میں جان جاتی کہ یہ کس زہن کی خوبصورتی ہے .

    آپی آپ نے بلکل ٹھیک کہا ہم لوگ جینے کے بہانے تلاش کرتے رہتے ہیں اور آج کے اس دور میں جب ایسا کُچھ میسر نہیں ہوتا جس کو ہم خوشی کا بہانہ بتا سکیں تو فورا غمگین ہو جاتے ہیں ..مگر آپ نے بلکل سچ کہا خوشی کے لئے کسی پُرانے خط کا ملنا کسی کے دئے ہوئے تُحفے کا مل جانا بھی بہت ہے کسی کے الفاط جو کبھی عرصہ پہلے کسی نے ہم سے بہت خلوص سے کہے تھے وہ بھی زندگی کو ایک بار ہھر سے زندگی کا احساس دلانے کے لئے کافی ہوتے ہیں .

    محبت اور اخلاص ایسے پھول ہیں جن کی مہک کبھی ختم نہیں ہوتی اور خزاں کتنی ہی کوشش کر دیکھے مگر ان پر اثر انداز نہیں ہو پاتی اور یہ پھول ہمشہ تروتازہ ہی رہتے ہیں . اور ہمارے آس پاس کے ماحول کو اپنی دلفریب خوشبو سے مہکاتے رہتے ہیں .کتابوں میں رکھی ہوئی کوئی یاد ہو یا کسی کے بھولے بسرے الفاظوں سے بنی انمول مالا یہ سالوں بعد نکالو تو بھی اُتنی ہی دلکش اور حسین دکھائی دیتی ہے
    خوشی ہمارے اندر ہی موجود ہے اس کی تلاش میں ہمیں کسی صحرا کی خاک چھاننے کی ضرورت نہیں اگر اندر نہیں تو کہیں نہیں مل سکتی مگر ہم نے معیار بہت عجیب بنا لئے ہیں خوشی کے خوش رہنے کے جب کہ خوشی تو کسی بچے کو ہنستے ہوئے دیکھنے سے بھی مل جاتی ہے .

    زندگی جینے کے لئے ہے اس کو جینے کی کوشش کیجئے کے زندگی اسی کا نام ہے .

    طالب دُعا

    ثمرین بخاری

  14. ایک بات مزے کی بتاؤں آپ سب کو .. مجھے آج بھی انڈیا سے خط آتے ہیں جنہیں میں پڑھ پڑھ کر حیران ہوتی ہوں .. جو میرے افسانے نظمین کالم نیٹ پر یا کسی اخبار میں پڑھتے ہیں اور مجھے خط لکھتے ہیں … کم از کم 250 روپے کی ڈاک ٹکٹ لگاتے ہیں اور مجھے اپنی رائے سے نوازتے ہیں .. اور جب میں نے ان سب سے ای میل ایڈریس مانگے جواب کے لئے تو انہوں نے مجھے لکھ بھیجا کہ ہمیں آپ سے چند سطریں آپ کے ہاتھ سے لکھی ہوئی بہت ہیں .. اور آپ کو یقین نہیں آئے گا کہ جوابی لفافہ ساتھ بھیجا گیا تھا .. مجھے یوں لگا کہ محبت عقیدت کا انداز نہیں بدلا بلکہ ہم نے اسے اپنی سہولتوں کے حساب سے بدل ڈالا ہے اور اس کا الزام تیز رفتار دنیا پر رکھ رہے ہیں ..

    میں برقی دنیا کو محسن مانتی ہوں کہ اس کی وجہ سے ہم لوگ ہر فیلڈ میں کم وقت میں بے تحاشا ترقی کر رہے ہیں .. لیکن افسوس اتنا سا ہے کہ اب ایس ایم ایس اور ای میل نے محبت بھرے خطوں کی جگہ نہیں لی بلکہ انتظار کی عادت خراب کر دی ہے .. ہمیں Instaten Gratification کی عادت ڈال دی ہے .. مجھے اللہ بخشے احمد ندیم قاسمی صاحب نے کہا تھا کہ اپنی تحریر کو کم از کم 5 بار لکھا کرو .. اور ایک مہینے کے لئے فیکٹری میں رکھ چھوڑا کرو .. اور روز اسے پڑھا کرو اور سنوارنے کی ضرورت ہو تو سنوارتی رہا کرو … پورے 30 روز کے بعد جو تحریر تیار ہوگی وہی اصل تحریر ہو گی .. میں جب سے انہی کی بات پر عمل کرتی ہوں ..

    اس تمام محنت سے گزرنے کے بعد جب وہ تحریر چھپنے کے لئے بھیجتی تھی تو اپنی باری کا انتظار کرتے کرتے کم از کم 4ماہ گزر جاتے تھے اوردل میں اتنا ادب ہوتا تھا کہ میں نے آج تک کسی بھی مدیر سے یہ نہیں پو چھا کہ 4 ماہ پہلے میں نے جو افسانہ بھیجا تھا اس کا کیا ہوا . حتی کہ جب غزالہ رشید جو کہ میری بہت پیاری دوست بھی ہے جب اس نے مدیر کا قلمدان سنبھالا تو اس کا ادب بھی اتنا ہی کیا اور اب بھی اتنا ہی کرتی ہوں .. اس سے بھی کبھی نہیں پو چھا تھا اور نہ اب تک پوچھتی ہوں کہ میری تحریر کا کیا ہوا .. ؟ جب بھی کسی نے اصلاح کی انہیں کبھی اپنی توضیع نہیں بتائی جب تک کہ انہوں نے پوچھا نہیں کہ میں نے کیوں ایسا لکھا … شکر اللہ کا مجھے میرے پاک مولا نے عزت بھی عطا کی اور پڑھنے والے بھی عطا کئے … مجھے ہمیشہ یہی لگا کہ یہ میرااپنے بڑوں سے محبت اور ان سے خاموشی سے سیکھنے کا صلہ ہے ..
    .
    بس آج کل انتظار کی عادت نہیں رہی .. آج کسی نے کالم کہانی بھیجی دوسرے دن ای میل آ جاتی ہے کہ لگایا کیوں نہیں ….؟

    ابھی کل کی بات ہے دو سالہ پرانی لکھنے والی نے مجھے یہ کہہ کر بےہوش کر دیا کہ انہوں نے 2 برسوں میں کل 11 افسانے لکھے ہیں اور اب وہ 10 افسانوں کی کتاب چھپوا رہی ہیں … ؟

    مجھے ایسی ای میلز بھی اتی ہیں کہ آپ ہماری استاد ہیں .. ہمیں لکھنا سکھ دیجئے .. ہماری غلطیاں ضرور نکالیں .. اور جب میں نے غلطیاں بتانے کی جرات کی تو 4 صفحوں کی توجہہیات کی لسٹ موصول ہو گئی .. اور پھر اس کے بعد دعا سلام بھی گئی .. اوراب سنا ہے کہ انہوں نے اپنا استاد بدل لیا ہے ..

    اب مجھے بتائیں کہ اگر تحمل اور انتظار کی عادت پڑ جائے تو کتنا کچھ سلجھ سکتا ہے .. استاد کے وقت اور مصروفیت کو بھی مد نظر رکھنا چاہئے .. یہ دھیان رہے کہ راتوں رات کوئی رائیٹر نہیں بن سکتا ..اور نہ ہی مشہور ہو سکتا ہے .. یہ ایک طویل اور کٹھن رستہ ہے .. اور یہ رستہ ان کے لئے ہے ہی نہیں جو استاد دموسموں کی طرح بدلتے ہوں …
    یہ بھی زہن نشین رہے کہ ایک کتاب لکھنے کے لئے 10 افسانے نہیں چاہئے ہوتے بلکہ 10 سال کہانیاں لکھنے کا تجربہ چاہئے ہوتا ہے .

    لیجئے بات کہاں سے کہاں چلی گئی .. بات ہو رہی تھی کہ مجھے آج بھی انڈیا سے قارئین کے خط ڈاک سے ملتے ہیں …

    خط لکھنا ..خطوں کے جواب دینا .. اسے ڈاک خانے جا کر سپرد ڈاک کرنا .. پھرجواب آنے تک انتظار کرنا .. اور انتظار کی کیفیت سے گزرنا …. مجھے بہت پسند ہے ..

  15. باجی سب سے پہلے معذرت کہ میں اس بلاگ پر دیر سے آیا ہوں ، دوسری بات میں آجکل اسی صورت حال سے گزر رہا ہوں ، میری کچھ پرانی ڈ اءریاں ملیں ہیں جن میں کچھ خطوط بھی ہیں ، میرے دوستوں کے جو مجھے لکھے گءے ہیں ، یا جیسے ایک آٹوگراف بُک جس میں کچھ بڑے بڑے مشاہیر کی تحاریر ، اس دن میں کافی دیر حکیم محمد سعید سے ملاقات کے بعد انکے ہاتھ سے لکھا ہوا جاگو جگاو دیکھتا رہ ، تو وہ شفیق چہرہ جیسے میرے سامنے آ کھڑا ہوا ، اور میرے چہرے پر بے اختیار مسکراہٹ پھیل گءی

    پھر میرے ہاتھ لگے وہ ٹاءٹل جو مجھے استاد کے طور پر دءیے گے ، اور وہ جو میں نے اپنے استادوں کے لءے دیے ، ہمارے ایک استاد تھے فزکس کے ، انکی کلاس ہم چند ہی اسٹوڈنٹ اٹینڈ کرتے تھے ، کیونکہ انکی کلاس میں بوریت بہت تھی تو فیر ویل پارٹی میں انکے لیے لکھا

    یہ زندگی بھی عجیب ہے ، آءیں باءیں شاءیں کرتی ہے
    پڑھانے روز آتے ہیں سر ناصر ، یہ کلاس کیوں ساءیں ساءیں کرتی ہے

    اور میں کافی دیر تک ایک سرشاری میں ڈوبا رہا یہ پڑھ کہ

  16. اسلام علیکم

    نگھت آپی آپ نے تو خط کی بات کر کہ ھمارے دماغوں کا رُخ پرانے زمانے کی طرف موڑ دیا ہے. لیکن اب آج کل وہ والا زمانہ کہاں کہ کوئی بیٹھہ کہ سوچے اور کسی عزیز و دوست کو خط لکھے. آج کل الیکٹرانک میڈیا کا دؤر ہے. اور پہلے تو میل ہوتی لیکن اب تو موبائل فون نے سارا کام ہی آسان کر دیا ہے اور اتنے تو ھم عادی ھو گئے ہیں ان چیزوں کے کہ ایک چھوٹا سا کام کرنا ہو تو وہ بھی کوشش ہوتی ہے کہ کسی میڈیا کے تھرو ہی کروائیں. لیکن وہ بھی کیا زمانہ تھا کہ لوگ سارا سارا دن کام کاج میں مصروف ہوتے تھے اور اگر گھر پہنچتے تھے تو گھر والوں کو محسوس تک نہیں ہونے دیتے تھے کہ آج کون سا کام اور کتنا مشکل کام کرآیا ہے. بس آج کل کسی کے پاس کوئی فارغ ٹائم نہیں وہ بھی زمانہ تھا کہ کسی کو میسج دینے کیلئے لوگ پیدل جاتے تھے یا پوسٹ کرتے تھے لیکن آج کل کے اتنے تیز رفتار ترقی کے دؤر میں کسی کے پاس اتنا ٹائم بھی نہیں ہے کہ وہ صرف کسی کو کوئی میسیج کرے… میسج تو دور کی بات یہاں تک کے ساتھہ گزرتے ہوئے سلام تک نہیں کرتے اگر کسی دوست سے حجت سے پوچھہ لو کہ بھائی آپ نے سلام تک نہیں کیا، تو وہ کہتا ہے SORRY یار میں زرا جلدی میں تھا تو ٹائم نہیں تھا اس لئے سلام نہیں کر سکا…

    طالب دعا
    انصاف علی کھوکھر

  17. کسی شاعر نے کہا ہے
    راتو ں، رات نہیں شہرت ملنے والی
    ہم نے برسوں کی ر یا ضت کا صلہ پایا ہے
    لکھنے کے ضمن میں میری مسیحا بیٹی تمھارے ا لفاظ سونے کی سیاہی سے تحریر کئے جانے کے قابل ہیں
    اللہ پاک تمھیں علم دنیا و دین سے مذید سرفراز کرے آمین ،لکھنا ،پڑھنا ایک مسلسل عمل ہے جس سے ایک جانب انسان کی خوابیدہ صلاحیتیں بیدار ہوتی جاتی ہیں اور دوسری جانب ایک دن اس کی یہ کاوشیں بار آور ہو کر تناور درخت بھی بن جاتی ہیں

  18. اگرچیکہ حسن جاوید کا یہ شعر اس بلاگ کے موضوع سے مطابقت نہیں رکھتا پھر بھی دل چاہتا ہے کہ اسے یہاں لکھدوں:

    اک عُمر سے چلے ہوئے ہم لوگ آج تک
    حیران ہیں کہاں سے سفر ابتدا کریں
    ۔۔۔۔۔۔
    ایک اور شعر سننے میں آیا ہے مگر اس کے شاعر کا نام معلوم نہیں :

    دل سے خوشی گئی تو نہ آئی تمام عُمر
    غم صبح سے گیا تو سرِ شام آگیا

    کسی کو اس شعر کے خالق کا نام معلوم ہوتو مہربانی کرکے یہاں لکھدے۔

  19. ایس ایم ایس … دل تھام کر پڑھئے

    تین لوگ کبھی حج کو نہیں جاسکتے
    ١۔ زرداری
    کیونکہ لوگ شیطان کو چھوڑ کر اسے کنکریاں مارنا شروع کر دیں گے
    ٢۔ نواز شریف
    وہ کروڑوں کے بال کبھی کٹوانے پر رازی نہیں ہونگے
    ٣۔ الطاف حسین
    کیونکہ ٹیلیفونک حج کا کوئی تصور نہیں ہے

  20. انصاف بھائی یہی حقیقت ہے جو آپ نے لکھی ہے .. اللہ اپنا فضل ہم سب پر رکھے .. آمین

  21. سلامت رہیں بجو .. میرے تبصرے کی تائید میں لاجواب اور برمحل شعر کے لئے شکریہ .

  22. یہ زندگی بھی عجیب ہے ، آئیں بائیں شائیں کرتی ہے
    پڑھانے روز آتے ہیں سر ناصر ، یہ کلاس کیوں سائیں سائیں کرتی ہے

    یقین کریں میں ابھی تک ہنس رہی ہوں . آٹو گراف سے یاد آیا میرے پاس بھی دسویں جماعت کے آٹوگراف بک ہے . ابھی ڈھونڈتی ہوں .. مجھے یہ سوچتے ہوئے ہی سرشاری ہو رہی ہے ..لو جی ویک اینڈ پراجیکٹ ہاتھ آگیا ہے ..

  23. ثمرین تم نے صحیح لکھا کہ ” خوشی ہمارے اندر ہی موجود ہے اس کی تلاش میں ہمیں کسی صحرا کی خاک چھاننے کی ضرورت نہیں اگر اندر نہیں تو کہیں نہیں مل سکتی مگر ہم نے معیار بہت عجیب بنا لئے ہیں خوشی کے خوش رہنے کے جب کہ خوشی تو کسی بچے کو ہنستے ہوئے دیکھنے سے بھی مل جاتی ہے .
    خوش رہو

  24. السلام علیکم
    واہ آپی کیا خوبصورت اور حقیقی لطیفہ نما ایس ایم ایس پیش کیا ہے ، واقعی ایسا ہی ہے ۔
    آصف احمد بھٹی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *