افسانہ ۔۔ “ بینکی بیٹا “ ۔۔از؛ ڈاکٹڑ نگہت نسیم ۔سڈنی

خالہ فضل نور رہتی تو بہت دور تھی پر ہمارے دل کے بہت قریب تھیں ۔۔ امی جی کی ددھیالی رشتے کی بہن ہونے کے ناطے وہ ہم سب کی خالہ تھیں ۔۔ خالہ فضل نور گرمی کی چھٹیوں میں اس تواتر سے ہمارے گھر آتی تھیں کہ چھٹیاں ان کے بنا ادھوری سی لگتی ۔ انہیں امی جی سے بے اختیارانہ سی محبت تھی ۔۔دونوں جب اکٹھی ہوتیں بات بے بات گاؤں کا زکر لے آتیں ۔۔ پھر گزرے دن رات یاد کرتے کرتے امی جی کی آنکھیں بھیگ جاتیں جنہیں خالہ فضل نور اپنے دوپٹے کے پلو سے پونچھ دیا کرتی ۔

یوں تو خالہ فضل نور کی بہت سی باتیں حیران کن تھی لیکن جو بات مجھے انتہائی حیران رکھتی تھی وہ ان کی غیر موجودگی میں بھی ان کا ہمارے ساتھ ہی رہناتھا ۔۔ خالہ فضل نور کو کوئی صرف خالہ کہہ کر نہیں پکار سکتا تھا ۔۔ وہ کہتی تھیں کہ فضل اور نور سوہنے رب سے جڑے ہیں ۔۔ میرا پورا نام لیا کرو تاکہ مجھ پر اس سوہنے کا فضل بھی رہے اور نور بھی ۔۔ اور میں نے یہ بھی دیکھا کہ خالہ فضل نور نماز کے لئےجب سفید دوپٹہ دوہرا کر کے سر پر اوڑھتیں تو مانو جیسے آسمان سے وہی سفید پری اتر آتی تھی جو میں نے کئی بار بچوں کی دنیا میں کہانیاں پڑھتے ہوئے اپنی آنکھوں سے آسمانوں سے اترتی دیکھی تھی ۔۔۔ اور جب وہ دعا کے لئے جائے نماز پر بیٹھ کر دوپٹے کے نیچے سے اپنے پورے ہاتھ پھیلا کر اپنی سیاہ بھنورا سی آنکھیں بند کرتیں تو ان کے ہلکے بھورے چنٹوں والے ہونٹ آہ زاری کرتے ، جسم ہر سکینڈ پر ایسے لرزتا جیسے تیز آندھیوں میں درخت جڑ سے اکھڑنے کو بےقرار ہو ۔۔ اس وقت وہ اس دنیا کی نہیں لگتی تھیں اور یوں لگتا جیسے وہی نہیں میں بھی اپنے سوہنے رب کے بہت قریب ہو گئی ہوں ۔۔۔ اور جب وہ قران کے صفحے ادکھ کھلی آنکھوں سے پڑھتیں تو ان کے سایہ دار پلکیں پورا وقت نم رہتیں اور میں انہیں دیکھے جاتی ۔۔۔ وہ مجسم فضل اور نور کی تمثیل لگتی تھیں ۔۔۔ یہ بھی انہوں نے مجھے بتایا تھا نام اچھا ہو تو سیرت تاثیر جیسی ہوجاتی ہے ۔۔

امی جی چونکہ بے جی اور اپنے ابو جی کی اکلوتی اولاد تھیں ۔۔وہ اکثر بتایا کرتی تھیں کہ بے جی کو ڈر تھا کہ کہیں ان کی بیٹی تنہائی کاشکار نہ ہو جائے اور دین کے رستے سے نہ بھٹک جائے تو انہوں نے اپنے چچا زاد بھائی سے کہا تھا کہ اپنی بیٹی فضل نور کو ان کی بیٹی کے پاس چھٹیوں میں بھیج دیا کریں ۔۔ سو وہ دن ہے اور آج کا دن خالہ فضل نور اپنے ابو جی کی بات کونبھاہ رہی ہیں ۔۔ امی جی کو ان سے خاص محبت تھیں ۔۔ ان کا زکر کرتے ہوئے ہمیشہ کہتی رشتے اور وعدے نبھاہنے والے لوگ اللہ والے ہوتے ہیں ۔۔

میں ان کے فلسفے میں جتنا الجھ الجھ جاتی وہ اتنی ہی بے اختیاری سے مسکرا دیتی ۔۔ پھر مجھے سمجھاتے ہوئے کہتی ۔۔ اب یہی دیکھو کہ جو اپنے رشتے اور ناطے نبھاہتا ہو ۔۔ اپنے بڑوں کے وعدوں کا پاس رکھتا ہو اسے بھلا اللہ رسول سے کیا وعدہ کیسے بھول سکتا ہے ۔۔ پہلا وعدہ وہ جو ہماری روحوں نے پہلے دن اپنے خالق سے کیا ۔۔ پھر وہ وعدے جو ہم نے اپنے رسول اور قران کو پڑھتے ہوئے کئے ۔۔۔۔ارے پگلی دین ہمیں نبھاہنا ہی تو سکھاتا ہے ۔۔ وہ مجھے مزید حیران کر دیتی ۔۔ میں چونکہ انہی کی طرح اکلوتی اولاد تھی ۔ اس لئے وہ میرا اکیلا پن جان سکتی تھیں ۔ چونکہ انہیں اپنی بیٹی کو تنہائی سے بچانے کے لئے کوئی خالہ فضل نور نہیں ملی تھیں ۔۔ سو وہ میرے لئے اکثر ہی خالہ فضل نور بن جایا کرتیں ۔۔ اور جب چھٹیوں میں وہ آ جاتیں تو ان کے اندر چھپی خالہ فضل نور چھٹیوں پر چلی جاتیں ۔۔یہ الگ بات مجھے اپنی ماں کے دونوں روپ اپنی سہیلی ہی لگاکرتے تھے ۔۔حسب وعدہ خالہ فضل نور چھٹیوں پر گھر آئی ہوئی تھیں ۔۔اور یادوں کی زنبیل دن رات کھلی رہتی ۔۔

خالہ فضل نور کو میرا نام تارا بالکل پسند نہیں تھا ۔۔ وہ مجھے ہمیشہ “ طاہرہ“ پکارا کرتیں ۔۔ وہ کہتیں کہ دین و دنیا میں آسانی کی کنجی نسبتوں والے نام ہی ہیں ۔۔ ان کا ماننا تھا کہ نام نسبتوں والے ہوں تو دین و دنیا میں خود ہی برکت پڑ جاتی ہے ۔۔ ۔۔ گو کہ ان کے تعلیم انتہائی واجبی سی تھی لیکن ان کا علم عرفانی تھا ۔ ان کا گھر ملتان میں تھا ، خالو جی حبیب بینک میں اچھی پوسٹ پر تھے اور ابھی کچھ عرصہ پہلے ہی ریٹائر ہوئے تھے ۔۔ ان کے تین بیٹے تھے ۔۔ دو بیٹے خالد اور شاہد انجنئر تھے ۔شادی شدہ اپنے گھروں میں خوشحال تھے ۔ اور ان کا سب سے چھوٹا بیٹا حبیب بینک میں ہی کام کرتا تھا جس کو وہ “ بینکی بیٹا “ کہتی تھیں ۔۔ بینکی بھائی کا تذکرہ اتنی تواتر سےگھر میں ہوتا تھا کہ کبھی دھیان ہی نہ گیا کہ بینکی بھائی کا اصلی نام کیا ہوگا ۔۔ خالہ فضل نور کو خالد بھائی اور شاہد بھائی سے بے انتہا محبت تھی لیکن زکر وہ ہر وقت بینکی بیٹے کا کرتی تھیں ۔۔ کیوں بھلا ؟ یہ بھی سمجھ نہ آتا تھا لیکن وہ اس کی توجیع یوں دیتی کہ شاہد اور خالد گھر بار والے ہیں ۔۔ انکے پاس فرصت نہیں ہوتی نہ ہماری دیکھ بھال کی سو بینکی بیٹا ساتھ رہتا ہے ۔۔سارے کام کرتا ہے ۔۔ حق حلال کی گھر لاتا ہے ۔۔ اس لئے اسی کا تذکرہ زیادہ ہوتا ہے ۔

پھر ایک لمبی سی آہ بھرتی اور کہتی ۔۔میری بیٹی طاہرہ دنیا کا دستور ہے اسی کو چھٹی نہیں ملتی جو سبق یاد رکھتا ہے ۔۔ پھر خالہ فضل نور مسکراتے ہوئے کہتی ۔۔میرا بینکی بیٹا لائق نہیں تابعدار ہے ۔۔ ہر برے اچھے وقت میں کندھے سے کندھا ملائے کھڑا رہتا ہے ۔۔ ماں باپ جب بوڑھے ہو جائیں نا انہیں لاٹھی چاہئے ہوتی ہے رشتوں کی بھی اور پیسوں کی بھی ۔۔ سو وہ میرا بینکی بیٹا سب پوری کر دیتا ہے ۔۔ اب میرا بینکی بھائی سے ملنے کو اشتیاق بڑھتا جا رہا تھا ۔۔ اور خالہ فضل نور انہیں کبھی ساتھ نہ لے کر آتی تھیں ۔
پر اس بار تو میں نے دل میں سوچ رکھا تھا کہ خالہ فضل نور سے ضرور ضد کرونگی کہ مجھے بینکی بھائی سے ملنا ہے ۔۔ آخر میں بھی تودیکھوں کہ کیسے دکھتے ہیں اور کیسے لگتے ہیں ۔۔ ان سے یہ بھی پوچھونگی کہ کیسے ہر ماہ باقاعدگی سے گھر کا خرچہ اٹھا لیتے ہیں ۔۔ اور ہر مشکل وقت میں کیسے پیسوں کی ڈھارس دیتے ہیں ۔۔ کاش میرا بھی کوئی بینکی بھائی ہوتا جو میرے ساتھ مل کر امی ابو جی کا خیال رکھتا ۔۔۔ امی جی میری خواہش اور باتوں پر اکثر مسکرا دیتی تھیں پر آج امی جی نے اچانک ہی خالہ فضل نور سے ملنے گاؤں چلنے کاپروگرام بنا ڈالا ۔۔ ۔۔ میں نے دیکھا امی جی کچھ بےچین سی تھیں ۔۔ ابو جی سے بھی کہہ رہی تھیں کہ آپا فضل نور کی طبعیت اچھی نہیں ہے ۔۔ سنیں اگر ہم نہ گئے تو وہ یہاں ہر حال میں آ جائیں گی ۔۔ اور آپ جانتے ہیں کہ سفر کرنا انہیں کتنی تکلیف دے سکتا ہے ۔۔ ابو جی بھی کی بھی تو وہ آپا ہی تھیں سو بے اختیار سے ہو گئے ۔۔ کیوں نہیں ہم سب چلتے ہیں ۔۔ وہ خوش بھی ہوجائیں گی او ر سفر کی تھکن سے بھی بچ جائیں گی ۔۔ اور سنو تارا تم ان کے بینکی بیٹے سے بھی مل لینا ۔۔۔ ابو جی نے مسکراتے ہوئے مجھے کہا ۔۔ انہوں نے شائد میرے اشتیاق کو میرے چہرے پر پڑھ لیا تھا ۔۔

دو ہفتوں کے شدید انتظار کے بعد بلاآخر ہم لوگ خالہ فضل نور کے گاؤں پہنچ ہی گئے ۔۔ پھر بس اسٹینڈ سے ان کے گھر بھی ۔۔ خالہ فضل نور بہت بیما رتھیں ۔۔ ہمیں دیکھ کر ان کا فضل اور نور کی تمثیل کہتا چہرہ ایک دم خوشی سے دمک گیا ۔۔ آنکھیں جھلملا گئیں ۔۔ میری پتر طاہرہ آئی ہے ۔۔ انہوں نے اپنے کمزور ہاتھوں سے میری بلائیں لی ۔۔ اور مجھے اپنے بہت قریب بٹھا لیا ۔۔لیکن میری آنکھیں تو ان کے علاوہ جن چہروں کو ڈھونڈ رہی تھیں وہ کہیں نہیں تھے ۔۔ خالہ فضل نور نے میری تلاش پکڑ لی تھی ۔۔ مسکرا دی ۔۔ کسے ڈھونڈ رہی ہو طاہرہ ۔۔ شاہد اور خالد تو چھٹیوں پر اپنی فیملی کے ساتھ مری کی سیر کو گئے ہیں ۔۔ تمہارے خالو میری دوا لینے گئے ہیں ۔۔ آتے ہی ہونگے ۔۔ اور وہ تمہارا بینکی بھائی ۔۔ خالہ فضل نور امی جی کو دیکھ کر ہنس پڑی ۔۔ اور امی جی نے ان کے دوپٹے کو ان کے سر پر جماتے ہوئے محبت سے کہا بھئی آپا بس ملوا دیجئے میری بیٹی کو اپنے بیٹے سے ۔۔ سارے رستے اسی کی باتیں کر کر کے میرے کان کھاگئی ہے ۔۔۔

امی جی کی بات پر خالہ فضل نور کی سیاہ بھنورہ سی آنکھیں جن کی چمک اس وقت بھی الوہی سی تھی ۔۔ پر اس پر سیاہ پلکوں کا سایہ گراتے ہوئے بھی وہ اپنی آنکھوں کی اداسی چھپا نہ سکیں ۔ ۔۔ شام کو آئے گا بینک سے تو مل لینا ۔۔ اور میں نے بے اختیار ہو کر دیوار پر لگی گھڑی کو دیکھا اور اس میں سے کئی گھڑیاں منفی کرنے کو چاہا ۔۔ بس کچھ ہی دیر اور ۔۔ پھر شام آ ہی گئی جس کا مجھے ایک مدت سے انتظار تھا ۔۔۔ یہی سوچتے ہوئے میں خالہ فضل نور کے ساتھ ہی بان کی چار پائی پر بیٹھ گئی ۔۔ مٹی کی سوندھی خوشبو میں بسا آنگن ۔۔ کیاریوں میں مہکتے گلاب اور موتیا ۔۔ اور شام کے ڈھلکتے سائے میں صرف انتظار میرا ہم نیشن رہ گیا تھا ۔۔۔ دستک پر میں نے لپک کر دروازہ کھولا تو محلے سے کوئی آدمی خالہ فضل نور سے ملنے آیا تھا ۔۔۔۔بڑا رعب دار سا ۔۔ لیکن بینکی بھائی کی یہ تصویر تو میں نے نہیں بنائی تھی ۔۔ یہ بینکی بھائی نہیں ہو سکتے ۔۔ ورنہ خالہ فضل نور ضرور تعارف کرواتیں ۔۔ لیکن وہ خاموش تھیں ۔۔

اوہ ۔۔! بینکی بھائی کہاں رہ گئے ۔۔ اس شخص کے جانے کے بعد خالہ فضل نور میری بڑبڑاہٹ پر میری طرف متوجہ ہوئی ۔۔ اور بڑے پیار سے میرے سر پر اپنا ہاتھ رکھ دیا ۔۔ پہلے تو دعا دی ۔۔ پھر مجھے اپنے سامنے بٹھاتے ہوئے کہا ۔۔ طاہرہ بیٹی ۔۔ تم کو میرے بیٹے سے ملنا ہے نہ ۔۔
جی ۔۔ میں بس اتناہی کہہ سکی اور زور سے اثبات میں سر ہلا دیا۔۔
اچھا ۔۔ وہ کچھ دیر مزید خاموشی سے مجھے دیکھتی رہیں ۔۔ پھر آہستگی سے بولیں ۔۔ یہ لو میرے بینکی بیٹے سے ملو ۔۔۔ یہ کہتے ہوئے انہوں نے حبیب بینک کا چیک میری ہتھیلی پر رکھ دیا ۔۔۔

خالہ فضل نور یہ کیا ۔۔۔ یہ بینکی بھائی ہیں ۔۔ میرے ہاتھوں میں حبیب بنک لمیٹڈ کا ایک لاکھ تیس ہزار کا چیک کانپ رہا تھا ۔۔ اور خالہ فضل نور کی آواز جیسے بہت دور سے آرہی تھی ۔۔ایسے جیسے وہ یہاں نہیں ہیں ۔۔ ان کی آواز بتا رہی تھی کہ اب ان کی آنکھوں میں نمی اتر آئی ہے ۔۔ ان کے حلق میں پیاس ٹھہر گئی ہے ۔۔ ان کے دل میں اداسی اتر چکی ہے ۔۔ وہ مجھے بہت کچھ کہنا چاہتی ہیں ۔۔ مجھے ہر سرد گرم ہوا سے بچا لینا چاہتی ہیں ۔۔ ان کی آواز میں زندگی کے سارے سبق ایک ساتھ مجھ پر کھل رہے تھے ۔۔

طاہرہ میری بیٹی ۔۔ اپنی خالہ فضل نور کی بات پلے سے باندھ لے ۔۔ تیری ماں نے میری یہی بات نہیں مانی کبھی ۔۔ باقی سب مانتی ہے ۔۔ سن بیٹی تم ابھی پڑھ رہی ہو ۔۔ کل کو شادی ہو گی ۔۔ بچے ہونگے ۔۔ جب تم ان کوپالو گی نہ تو ان کے ساتھ ساتھ ایک بیٹا بینک میں بھی پالنا ۔۔ ایسا بیٹا جو دکھ سکھ میں ساتھ دیتا ہے ۔۔ جو کندھے سے کندھا ملائے ساتھ کھڑا رہتا ہے ۔۔ جو ہر جگہ اپنے ماں باپ کی عزت رکھتا ہے ۔۔ بڑھاپے میں جب سب ایک ایک کر کے دامن چھڑا لیتے ہیں اس وقت بھی بینکی بیٹا دامن سے لپٹا رہتا ہے ۔۔۔

دیکھ تو آج بھی تیری خالہ فضل نور کی عزت تیرے بینکی بھائی ہی نے رکھی ۔۔ ان کے آنسو تواتر سے ان کے سفید ہلکی ہلکی جھریوں والے چہرے پر تشکر بن کر برس رہے تھے ۔۔ اور میرے آنسو ایک لاکھ تیس ہزار کے چیک والے بینکی بیٹے پر جسے خالہ فضل نور نے جانے کتنی جتن اور لگن سے پالا ہو گا ۔۔

17 thoughts on “افسانہ ۔۔ “ بینکی بیٹا “ ۔۔از؛ ڈاکٹڑ نگہت نسیم ۔سڈنی”

  1. اسلام و علیکم

    بہت خوب دل میں اتر جانے والی تحریر . زندگی کی اصل صورت دکھاتی تصویر .. خالہ فضل نور نے بلکل سہی کہا ہے کہ بینکی بیٹا بہت ضروری ہے بلکہ اگر آج کی حقیقت کو دیکھیں تو سب سے زیادہ ضروری اگر یہ بیٹا نہ ہو تو شاید اور خالد جیسے بیٹے جو کبھی حال احوال جو پوچھ لیتے ہیں وہ بھی نہ پوچھیں ..

    یہ دُنیا کی کس قدر تلخ حقیقت ہے کہ جو ماں باپ مل کر دس بچوں کو پالتے ہیں وہ ہی دس بچے بڑا ہونے کے بعد دو ماں باپ کو نہیں پال سکتے . دل نہایت بی چین ہو گیا یہ تحریر پڑھ کر یقینا دُنیا کی سچائی یہ ہی ہے مگر کیا ہی اچھا ہو کہ ہر بیٹا بیٹی بینکی بیٹے جیسا بن جائے اور ماں باپ کی ہر ضرورت کا اسی طرح خیال رکھے جیسے ماں باپ اپنے بچوں کا رکھتے ہیں .

    بہت شکریہ ایک اچھی اور احساس کو بیدار کرتی ہوئی تحریر کو شیئر کرنے کا .
    خدا کرے زورِ قلم اور زیادہ

  2. السلام علیکم
    بہت خوب نگہت آپی ، خدا کرے زورِ قلم اور زیادہ ۔
    آصف احمد بھٹی

  3. ” جو اپنے رشتے اور ناطے نبھاہتا ہو ۔۔ اپنے بڑوں کے وعدوں کا پاس رکھتا ہو اسے بھلا اللہ رسول سے کیا وعدہ کیسے بھول سکتا ہے ۔۔ پہلا وعدہ وہ جو ہماری روحوں نے پہلے دن اپنے خالق سے کیا ۔۔ پھر وہ وعدے جو ہم نے اپنے رسول اور قران کو پڑھتے ہوئے کئے ۔۔۔۔ارے پگلی دین ہمیں نبھاہنا ہی تو سکھاتا ہے “

    واہ ، سبحان اللہ ۔ کتنی اعلٰی تبلیغ ، کیا خوبصورت پیغام اور سفرِ آخرت کا کیسا انمول تحفہ !

    ۔۔۔۔۔

    ” کل کو شادی ہو گی ۔۔ بچے ہونگے ۔۔ جب تم ان کوپالو گی نہ تو ان کے ساتھ ساتھ ایک بیٹا بینک میں بھی پالنا ۔۔ ایسا بیٹا جو دکھ سکھ میں ساتھ دیتا ہے ۔۔ جو کندھے سے کندھا ملائے ساتھ کھڑا رہتا ہے ۔۔ جو ہر جگہ اپنے ماں باپ کی عزت رکھتا ہے ۔۔ بڑھاپے میں جب سب ایک ایک کر کے دامن چھڑا لیتے ہیں اس وقت بھی بینکی بیٹا دامن سے لپٹا رہتا ہے “

    اور دنیوی زندگی میں کام آنے والی کتنی کارآمد ٹِپ ۔

    دین اور دنیا دونوں میں کامیابی کے پوشیدہ راز لئے ایک لاجواب تحریر ، ماشاء اللہ ۔

  4. بہت اچھی معاشرتی کہانی۔ مغرب تو بینکی پتر کا پہلے ہی مقروض احسان تھا، لیکن اب اپنے یہاں بھی یہی ریت چل نکلی ہے۔ یقیناْ آج کا بچایا ہی کل کام آتا ہے۔ اگلے جہان کے لئے بھی یہی بینکی بیٹے کا تصور ہے، جہاں سب رشتے چھوڑ جائیں گے، مگر توشہ ء آخرت جسے ہم نے پہلے سے جمع پونجی کی صورت بھیج رکھا ہوگا وہی کسی کام آ سکے گا۔

  5. ایک ایسی فکری کہانی جس میں کھوجنے اور سوچنے دونوی کی فکری جہت نظر آرہی ہے ،رشتوں کی کمزور زنجیر ٹوٹ بھی جائے یا کمزور ہو جا نے پر انسان ناتوانی محسوس کرنے لگے تو اسوقت اس کی جمع پونجی اس کی ہمّت کو کمزور نہیں ہونے دیتی ہے
    یہی اس خوبصور اور نازک جزبات کے تانوں بانوں پر لکھی ہوئ کہانی کا پس منظر ہے

  6. کاش کہ مشرقی گھرانے کی تمام خواتین جو خالہ فضل نور کی طرح خوش قسمت ہوں کہ جائز کام کرکے اپنی آمدنی میں سے کچھ نہ کچھ پس انداز کرسکیں ، تاکہ اپنے دکھ درد اور اپنی ضعیفی اور اپنی بیماری کے زمانےمیں خدا کے بعد صرف اور صرف اپنے اپنے “ بینکی بیٹون “ کے سہارے زندگی گذار سکیں ۔

    کاش کہ یہ خواب افسانوں میں ہی نہیں بلکہ حقیقت میں صحیح ثابت ہو ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔
    خالہ فضل نور خوش قسمت ہیں کہ وہ خود مکتفی ہیں اور اپنے بیٹوں خالد اور شاہد کی مدد کی محتاج نہیں :
    اللہ کسی کو کسی کا محتاج نہ کرے : آمین

  7. بلکل سہی فرمایا قاضی سر نے اللہ کسی کو کسی کا محتاج نہ کرے الہی آمین .

    خدا عالمی اخبار کے تمام خاندان کو خوش اور اپنی امان میں رکھے .
    الہی آمین ..

  8. میں محترمہ سیدہ ثمرین بخاری صاحبہ کی اس دعا پر آمین کہتا ہوں کہ :
    “خدا عالمی اخبار کے تمام خاندان کو خوش اور اپنی امان میں رکھے .
    الہی آمین ..“

  9. بینکی بیٹا تو ایک استعارہ ہے ورنہ بیٹی بھی بینکی ہوتی اور کتنے ہی دوست بھی بینکی ہوتے ہیں. رشتوں کی تکونوں میں نا چاہنے کے باوجود بھی بینکی کا بہت اہم کردار ہے.
    دیکھ تو آج بھی تیری خالہ فضل نور کی عزت تیرے بینکی بھائی ہی نے رکھی ۔۔ ان کے آنسو تواتر سے ان کے سفید ہلکی ہلکی جھریوں والے چہرے پر تشکر بن کر برس رہے تھے ۔۔ اور میرے آنسو ایک لاکھ تیس ہزار کے چیک والے بینکی بیٹے پر جسے خالہ فضل نور نے جانے کتنی جتن اور لگن سے پالا ہو گا ۔۔

    یہ ایک فضل نور نہیں. مجھ سمیت کتنے ہی فضل نور ہیں جنکی عزت کوئی نہ کوئی بینکی رکھ دیتا ہے عزت نفس کو مجروح کیئے بغیر.
    ایک بہیت اہم اور اچھوتے موضوع پر ڈاکٹر صاحبہ آپ نے بڑے حوصلے اور بڑی پُرکاری سے لکھا ہے جو آپکا خاصہ ہے.
    مجھے تو یہ خوشی ہے کہ اس عالمی اخبار کی وجہ سے جو آپکی افسانہ نگاری جو پس پشت چلی گئی تھی ایک بار پھر بیدار ہو گئی ہے

  10. بہت شکریہ آصف .. اللہ ہر مشکل آسان فرمائے ..آمین

  11. کیانی بھائی کہانی کا عرق نکالنے پر شکرگزار ہوں … سچ بہت خوشی ہورہی ہے کہ میری بات آپ تک پہنچ گئی .. جیو ندے وسدے رہو بھائی

  12. مصباح بھائی تعریف کا شکریہ اپنی جگہ لیکن آپ کا افسانہ کدھر ہے .. اس کا انتظار شاہین کے عمرہ جانے سے پہلے سے ہو رہا ہے .. اور اب شاہین کو آئے بھی ہفتہ ہونے والا ہے بس جلدی سے لکھ ڈالے یا کوئی پرانا ڈھونڈ نکالیں .. بس جلد ہی کچھ انتظام کریں ..

  13. منظور بھائی افسانے کی پسندیدگی کے لئے ممنون ہوں .. آپ کی دردمندی بہت اچھی لگی ” کاش کہ مشرقی گھرانے کی تمام خواتین جو خالہ فضل نور کی طرح خوش قسمت ہوں کہ جائز کام کرکے اپنی آمدنی میں سے کچھ نہ کچھ پس انداز کرسکیں ، تاکہ اپنے دکھ درد اور اپنی ضعیفی اور اپنی بیماری کے زمانےمیں خدا کے بعد صرف اور صرف اپنے اپنے “ بینکی بیٹون “ کے سہارے زندگی گذار سکیں … آپ کی اس دعا اور خواہش پر صدق دل سے آمین

  14. بابا کو ہمیشہ یہ فکر رہتی ہے کہ میں افسانہ نگاری سے دور نہ ہو جاؤں .. جب بھی بات ہوتی ہے .. وقت ملتا ہے مجھے اس بات کی طرف توجہ دلاتے ہیں کہ این این تم بنیادی طور پر افسانہ نگار ہو .. تمہیں ایک ماہ میں ایک افسانہ تو لکھنا ہی چاہئے … اور میرے پاس ایک ماہ میں 30 بہانے ہوتے ہیں نہ لکھنے کے .. اصل میں لکھنے کے لئے اندر ایک ہلچل ہونی چاہئے .. جو خدائے پاک کی دین ہے . جس پر کبھی لکھنے والا کنٹرول نہیں ہو سکتا .. اگر کوئی بلا وجہ لکھتا ہے وہ پھر صرف لفظ لکھتا ہے افسانہ یا کہانی نہیں .. ایک افسانہ نگار کا اتنا خیال رکھنے پر شکریہ انتہائی حقیر اور بے بس سا لفظ ہے … پر کیا کروں بابا میرے پاس اس لفظ کے علاوہ ہے بھی کچھ نہیں ..سو دلی شکریہ قبول کیجئے

    آپ نے کہانی کو جس طرح سے دیکھا ہے واللہ پرکھنے والی آنکھ ہی الگ ہوتی ہے .. آپ نے کیا خوب تشریح کی کہ ” بینکی بیٹا تو ایک استعارہ ہے ورنہ بیٹی بھی بینکی ہوتی اور کتنے ہی دوست بھی بینکی ہوتے ہیں. رشتوں کی تکونوں میں نا چاہنے کے باوجود بھی بینکی کا بہت اہم کردار ہے ” بے شک بینکی بیٹا ایک استعارہ اور اشارہ ہی تھا … مجھے ایک جملے کی داد آپ سے چاہئے اور وہ یہ ہے کہ
    ” میرا بینکی بیٹا لائق نہیں تابعدار ہے ”
    کیا آپ مجھے اس جملے کی داد دے سکتے ہیں … اگر مل گئی تو سمجھئے مجھے آپ سے انعام مل گیا ..

  15. ڈاکٹر صاحبہ آپ کی قناعت پسندی کی بھی داد دینا پڑتی ہے.اس خاکسار نے تو پورے افسانے گویا ایک ایک فقرے اور مکالمے کی داد دی تھی لیکن آپ صرف ایک جملے کی داد لینا چاہتی ہیں. دراصل بات یہ ہے کہ افسانہ لکھنا اور افسانہ سوچنا دو الگ الگ باتیں ہیں اور آپکی افسانہ نگاری میں یہ خوبی شامل ہے کہ آپ اپنی سوچ کو مکمل طور پر الفاظ کا جامہ پہنانا جانتی ہیں. افسانے دراصل بنیادی طور پر کہانی ہی ہے نا اور اسی افسانے کو آپ ایک ضخیم ناول یا سلسلے وار ڈرامے کا روپ بھی دے سکتے ہیں اور میں پہلے بھی شاید کہیں لکھا تھا کہ آپ کی افسانہ نگاری کا سب سے مضبوط پہلو اسکے مکالمے ہیں. آپ نے جس جملے پر دار چاہی ہے اگر میں غلط نہیں تو یہ ہی وہ جملہ ہے جس نے آپکو یہ پورا افسانہ لکھنے کی تحریک دی اور یہی وہ فلسفہ جو حیات انسانی کے ان عناصر کو سامنے لاتا ہے جنکی بنیاد پر اخلاق اور انسانیت کی عمارت تعمیر ہوتی ہے.

    بہت کم لوگ ایسے ہیں جنہیں اس نہایت باریک فلسفے کا ادراک ہو کہ لائق اور تابعدار میں کیا فرق ہے.لیاقت کی بنیاد کی ہے اور تابعداری کس عرش پر لے جاتی ہے. لائق ہونے میں آپکی اپنی ذات کا نوے فیصد عمل دخل ہے جبکہ تابعداری اللہ پاک کی عطا ہے. آپ اپنی لیاقت کے زور پر ایکڑوں کا گھر بنا سکتے ہیں ،اربوں کا بینک بیلنس رکھ سکتے ہیں لیکن کسی فقیر کا دل نہیں جیت سکتے لیکن یہ صرف تابعداری کا وصف ہے جو دل کی ریاست پر حکومت کرنے کی اہلیت عطا کرتا ہے.

    لائق ہونے سے زیادہ تر آپ کو اور اپکے قریبی لوگوں کو ہی فائدہ ملے گا لیکن تابعداری تو آفاق کا فائدہ ہے. لیاقت پیسے سے مل جاتی ہے جعلی ڈگری کی صورت میں لیکن تابعداری کے لیئے اپنے سینے کی ہوک کی صدا سننا پڑتی ہے اور اپنی آنکھوں کا نور جلانا پڑتا ہے،اپنے آپ کو خلوص اور احسان مندی کی سولی پر چڑھانا پڑتا ہے ہھر کہیں تابعداری کا وصف نصیب ہوتا ہے.

    آپ کے اس افسانے پر اگر کبھی لکھنے کے لیئے بیٹھا تو ایک مکمل کتاب لکھ سکتا ہوں. داد دینا اور داد لینا بھی ظرف کی بات ہے.
    بس اب جو ایک بار پھر آپ نے افسانہ نگاری کی طرف توجہ کی ہے تو اس سے فائدہ اٹھایئے اور وہ افسانے بھی لکھ دیجئے جو برسوں سے آپ پر قرض ہیں.

  16. جزاک اللہ ۔۔ اتنی مفصل تشریح واہ ۔۔ جی انشاللہ ضرور لکھونگی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *