جی کو دھڑکا لگا تھا پل پل کا ۔ از؛ ڈاکٹر نگہت نسیم ۔سڈنی

مجھے آج اپنی بی بی جی کی باتیں بہت یاد آرہی ہیں ۔۔ وہ کہا کرتی تھیں کہ زندگی کے سارے رشتے بس دھڑکے ، اندیشے ہی ہوتے ہیں ۔۔ ۔۔ جب دادا جی کی وفات ہوئی تھی تو میں صرف دو برس کی تھی ۔ بی بی جی بتاتی ہیں کہ میں ان کی لاڈلی پوتی تھی اور میرا نام بھی انہوں نے یہ سوچ کر رکھا تھا کہ مجھے خوشبو کی طرح مہکنا ہے اور باد نسیم کی طرح ہر ایک کی سانس بننا ہے ۔ وہ مقامی اسکول میں ریاضی کے ماسٹر تھے ۔ تریسٹھ برس کی عمر میں برین ہیمرج سے اتنی اچانک وفات پاگئے کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا ۔ بی بی جی بتاتی ہیں کہ جب انہیں ہسپتال سے گھر لے کر آئے تو میں ان سے لپٹ گئی تھی اور ہٹانے پر رو رو کر انہی کے پاس سو گئی تھی ۔ پھر اس کے بعد ہماری حویلی ویران ہو گئی ۔ گھر کے مکین دنیا کے مختلف کونوں میں بکھر گئے اور دادا جی کا پالتو کتا “ موتی“ ان کی جدائی میں مر گیا۔ کبھی کبھی بی بی جی کتے کی قسمت پر رشک کیا کرتی تھیں اور اس وقت میں ان کاکرب سمجھ نہ پاتی تھی۔

میری بی بی جی ساری عمر میرے ساتھ رہی اور مجھ سے صرف اس لئے پیار کرتی رہی کہ میں داداجی کی لاڈلی پوتی تھی ۔ وہ ان کا پیار نبھاہ رہی تھیں ۔ یہ کیسے رشتے ہوتے ہیں جنہیں کسی اقرار کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ دادا جی کے بعد میرے بڑے تایا جی محمد الیاس نے میری بی بی جی کا ہاتھ تھام لیا ۔ اسی طرح ایک روز بی بی جی کا یہ شیر بھی قسمت ہار گیا اور ایک دن کے لئے جو ہسپتال گیا تو لوٹ کر نہیں آیا ۔ اس دن انہیں پتہ چلا کہ ان کا شیر تو ولی تھا جسے اپنی موت کی خبر تھی ۔ اسلئے جانے سے پہلے محلے کی مسجد میں چٹائی اور نہانے والا تختہ نیا خرید کر امام مسجد کو یہ کہہ کر دے گئے تھے کہ اتنابڑا محلہ ہے کوئی مر جائے تو ۔۔ پھر اور ان کے جنازے میں ہزاروں لوگ ایسے بھی آئے تھے جنہیں گھر کا کوئی فرد جانتا تک نہ تھا ۔۔ بڑے تایا جی کے جانے کے بعد میری بی بی کو جیسے دھڑکا سا لگ گیا تھا جانے کب کون بچھڑ جائے ۔ اس وقت سے وہ سارے رشتوں کو اسی نام سے یاد کرنے لگیں تھی ۔

وہ اکثر کہا کرتیں کہ دھڑکا ایک وہم کی طرح ہوتا ہے جو کبھی دل کاپلو نہیں چھوڑتا ۔۔ خدا سے خوش گمان نہیں رہنے دیتا ۔۔ میں ایسی نہیں تھی ربا پر میرا شیر گھر سے چلا گیا ۔۔ ہائے اب میں جی کر کیاکرونگی ۔ وہ تڑپ تڑپ کر ایسے ان کی یاد میں رویا کرتیں کہ پھر کوئی لفظ تسلی نہ بنتا تھا . چاچا سجاد ان کے پاؤں کے نیچے اپنے دونوں ہاتھ رکھتے تھے کہ ان کی ماں کے پیر زمین پر نہ پڑیں ۔ میرے ابا جی جب تک ان کے پاؤں نہ چومتے تھے انہیں نیند نہیں آتی تھی اور ہمیشہ کہا کرتے جو شخص اپنی ماں سے محبت کرتا ہے وہ ہر رشتے کو نبھاہ سکتا ہے ۔۔ وہ جو کچھ کما کر لاتے اسے بی بی جی کے آنچل میں ڈال دیتے تھے جسے بی بی جی بڑی محبت سے میری ماں کو دے دیتی کہ “ رقیہ بیٹی اسے سنبھال کر خرچ کرنا یہ میرے نسیم کی حق حلال کی کمائی ہے “ اور میری ماں نے کبھی ان کی حکم عدولی نہیں کی ۔ انہوں نے ایک ایسا بنک بنا رکھا تھا جہاں سے پورے خاندان کا خرچہ چلتا تھا اور کبھی کچھ کم نہ ہوتا تھا ۔۔

جب میری بی بی جی اللہ کو پیاری ہوئی تو میرے ابا جی آخری وقت تک ان کے قدموں سے لپٹے رہے ۔۔۔ روتے رہے ۔۔ پھر انہیں اپنے خاندان کو منتشر ہونے سے پہلے ہی پورے خاندان کی باگ دوڑ سنبھالنی پڑی اور امی جی کو پورے خاندان نے بی بی جی کی جگہ دے دی ۔۔اور یوں دھڑکا اگلی نسل میں منتقل ہو گیا ۔۔

میری شادی ہو چکی تھی ۔ میری ساس جنہوں نے مجھے ماں جیسا چاہا ۔۔مان دیا ۔۔ ان کی زندگی میں سوائے ہمارے تھا ہی کیا ۔۔ میرے سسر جنہیں میں نے دیکھا تک نہیں تھا وہ ایک اعلی ظرف خدمت گزار محب وطن انسان تھے ، جنہوں نے لالٹین کی روشنی اور اسٹریٹ لیمپ کی روشنی میں پڑھ کر اسٹیل مل کے جنرل منیجر کے عہدے تک رسائی حاصل کی تھی اور جب ان کے سکون سے اپنے بچوں کو آگے بڑھتا دیکھنے کا وقت آیا تو وہ بلڈ کینسر کے مریض ہوگئے ، باون سال کی عمر میں ملک عدم کے راہی ہو گئے اور میری پنتالیس سالہ ماں بھری دنیا میں اکیلی رہ گئی تھی ۔ اس وقت جس بیٹے نے آگے بڑھ کر اپنی ماں کے آنسو پونچے تھے ان کے وہی بیٹے آفتاب میر ے ہمدم میرے ساتھی ہیں جنہوں نے مجھے دنیا کے ہر سرد گرم سے بچا رکھا ہے ۔

میری ماں اکثر مجھ سے کہتی کہ انسان کیا ہے بھلا ۔۔ نہ اسے کسی پر اختیار ۔۔ نہ اس کا اعتبار ۔۔ ہر رشتہ ایک دھڑکا ہے بیٹی جس کے بچھڑ جانے کا وہم سا لگا رہتا ہے ۔۔ شاید جو بچھڑ جانے کے غم سے گزرا ہوتا ہے اسے ہی ہر کسی کے جانے کا دھڑکا لگا رہتا ہے یا پھر سب ہی ایسا سوچتے ہونگے ۔ ایسے میں ہم سب نوے کے عشرے میں جب دوسرے ملکوں میں جابسے تو ان کے پاس بیٹے کی طرح دن رات جو خدمت گزار رہا وہ طارق محمود بھائی تھے ۔

طارق بھائی میری چھوٹی نند منور کے شوہر تھے ۔ بےحد سادہ مزاج اپنی ماں کے اکلوتے شاہزادے جن کو دیکھ دیکھ کر وہ جیتی تھی ۔ طارق بھائی جناح ہوسپٹل میں میڈیسن کے ایسوسیٹ پروفیسر تھے ۔۔امی جی کے پاس پابندی سے ملنے جانا ، ان کی صحت کا خیال رکھنا ۔۔ انہیں دوا دینا ان کا معمول تھا اور ان کی ہر جنگ کو اپنی جنگ سمجھنا انہی کا خاصہ تھا ۔ جب بھی ہم کبھی ان سے فون پر بات کرتے تو وہ آفتاب سے کہتے یار فکر کی کیابات ہے میں دیکھ لوں گا ۔ تم فکر نہ کرو ۔۔ اور واقعی ہمیں یہی لگتا کہ ہماری ماں کے پاس ان کا فکرمند بیٹا ہے جو ان کے دکھ سکھ میں ان کے ساتھ ہے ۔ طارق بھائی تھے ہی اتنے اچھے ۔۔ ہسپتال میں اپنے مریضوں کے دلپسند مہربان ڈاکٹر ۔۔ اسٹوڈنٹس کے ہر دل عزیز پروفیسر جن سے انہیں سوال پوچھتے ہوئے کبھی ڈارنہیں لگتا تھا ۔۔ غریبوں کے ہمدرد ، اپنے ماں باپ کے وعدوں کا پاس رکھنے والے انتہائی نیک اور پرہیزگار انسان تھے ۔

گزشتہ چار برسوں سے آنتوں کا کینسر میرے بھائی طارق سے آنکھ مچولی کھیل رہا تھا ۔۔ اسی دوران انہوں نے اللہ کے گھر کی زیارت کی ۔۔ لوگوں سے لینا دینا پوچھنے کے لئے خاص طور پر اپنے گاؤں گئے ۔۔ اور اپنے اور اپنے ماں باپ کے سارے قرضے چکائے ۔۔ گھر والوں کے لئے ماہانہ معقول آمدنی کا بندوبست کیا اور جہاں تک ان کی صحت نے ان کا ساتھ دیا انسانوں کی خدمت میں مشغول ہو گئے اور اس دوران وہ اللہ کریم کے اور بھی بہت قریب ہوگئے تھے ۔۔۔

امسال جنوری سے ان کی طبعیت گھڑیوں کے حساب سے بگڑ رہی تھی ۔ اور مجھے پہلی بار لگا جیسے مجھے ان سے بچھڑنے کا دھڑکا سا لگ گیا ہے ۔۔ پہلی بار احساس ہوا کہ مجھ میں کبھی میری بی بی جی آ بستی تھیں تو کبھی میری ماں جیسی ساس باتیں کرنے لگ جاتی تھیں ۔۔ میں گھبر اگھبر اکر کبھی اپنے بچوں کو چھوتی تو کبھی آفتاب سے بالاوجہ باتیں کرتی جاتی ۔۔کوئی فون کی گھنٹی رات کے کسی پہر بجتی تو گھنٹوں دل سنبھالنا مشکل ہو جاتا ۔۔ سب کہتے کہ میں بدل رہی ہوں ۔۔ زود رنج ہو رہی ہوں ۔۔ پر میں کیا کرتی ۔۔ میں جب بھی منور کاسوچتی تو میرا سانس جیسے حلق میں اٹکنے لگتا ۔۔ اس کے حوصلے کے سامنے میرا سارا فلسفہ پانی بھرنے لگتا ۔۔

طارق بھائی کے شانہ بشانہ منور نے بھی بڑے بڑے صدمے سہے تھے ۔ طارق بھائی کی والدہ کی تیمارداری سے جنازے تک سارے کام اس نے طارق بھائی کے ساتھ مل کر کئے تھے ۔ پھر دو ماہ قبل اپنی شدید بیماری کہ وجہ سے طارق بھائی نے اپنے باپ کا جنازہ ویل چیئر پر بیٹھ کر جب پڑھا تھا تو اس ویل چیئر کو چلانے والی منور ہی تھی ۔۔ اس نے کبھی ہمت نہیں ہاری ۔۔۔ اس نے کبھی اپنی امید نہیں چھوڑی ۔۔ وہ چار برسوں سے سائے کی طرح طارق بھائی کے ساتھ رہی ۔ اس نے نہ دن کو دن سمجھا نہ رات کو رات ۔ خدمت گزاری کی آخری حد تک ہو آئی تھی ۔۔ میری جب بھی اس سے بات ہوتی وہ یہی کہتی کہ میں اپنی قسمت تو نہیں بدل سکتی ہاں اپنے لئے صبر کی دعا ضرور کر سکتی ہوں ۔۔آپ بھی میرے لئے بس یہی صبر اور حوصلہ مانگئے ۔۔ ہم دونوں اپنے اپنے دھڑکوں سمیت جی رہے تھے ۔۔

جوں جوں وقت گزر رہا تھا طارق بھائی کی تکلیف بڑھتی جا رہی تھی ۔۔ کوئی آپریشن بھی کچھ دنوں سے زیادہ کامیاب نہ رہ پا رہا تھا ۔۔ میری تشویش میرے اندیشے ۔۔ میرے دھڑکے اپنی جگہ حقیقی تھے کہ میرے لئے طارق بھائی کاہونا یوں بھی بہت ضروری رہتا تھا کہ مجھے ان سے اپنے مریضوں کی بابت بہت سارے مشورے کرنے ہوتے تھے اور ان سے ان کے مفت علاج کی درخواست بھی ۔۔ اور طارق بھائی نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا تھا ۔۔ ہم دونوں نے مل کر دنیا کے الگ الگ کونوں میں رہنے کے باوجود کئی مریضوں کا کامیاب علاج کیا تھا ۔۔۔اس سال انہیں سڈنی یونیورسٹی میں لیکچر دینے بھی آنا تھا جس کے لئے وہ اپنی بیماری کے باعث سفر نہیں کر پائے تھے ۔

کئی مقام ایسے بھی آئے تھے کہ میں طارق بھائی کی تکلیف براداشت نہیں کر پاتی تھی۔۔ اور میں اللہ پاک سے کچھ بھی الٹا سیدھا کہنے بیٹھ جاتی تھی ۔۔ طارق بھائی مجھے ہمیشہ تسلی کا درس دیتے اور کہتے کہ ہم سب کو جلد یا بدیر لوٹنا تو ہے ہی نہ پھر اپنے خالق سے خفگی کیسی ۔۔۔ ۔۔ پھر وہ ہمیں اپنے کھانے پینے کی تفصیل سناتے ۔۔ مجھ سے میرے مریضوں کا احوال پوچھتے ہیں ۔۔ اور پوچھتے پوچھتے اکثر ہی ان کی آواز بھرا جاتی ۔۔۔ مجھے لگتا تھا جیسے وہ سوچتے ہونگے کہ آخر وہ کب کوئی نسخہ لکھ سکیں گے ۔۔

آہ میرے طارق بھائی کے نسخہ لکھنے سے پہلے ہی آج مرض الموت نے انہی کے لئے آخری نسخہ لکھا دیا ۔۔ اور وہ پچپن برس کی عمر میں اپنے آبائی شہر کراچی کے جناح ہوسپٹل میں چھبیس اپریل دو ہزار گیارہ کی پہلی گھڑی اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔

اناللہ و انا الیہ راجعون۔

کس کس کو بتاؤں کہ آج میری ماں کا فکرمند بیٹا ۔۔آفتاب کا فکرمند بھائی مٹی کے سفر پر چلا گیا ۔ ہائے ۔۔ آج میر ابھائی سارے رشتوں سے آزاد لحد میں اتر گیا ۔۔۔ اور وہ جو اپنی پوری زندگی خدمت اور دعائیں کرتا جیا آج سے ہم سب سے اپنے لئے دعاؤں کا طالب ہو گیا ۔۔۔

منور کو کیا کہوں طارق بھائی ۔۔۔ اس کی خاموش آہوں کو کیا دلاسہ دوں ۔۔ اس کی جواں سال زندگی میں یہ کیسی خاموشی آ بسی ہے ۔۔ کیسا سناٹا اس کے گھر رہنے آ گیاہے ۔۔ چار برسوں سے وہ آپ کو ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال لے کر سڑکوں پر ماری ماری پھرتی رہی تھی ۔۔ اتنا تو اس ہجر نصیب کا حق بنتا تھا کہ جاتے ہوئے اسے اتنا تو بتا جاتے کہ آپ کے جانے کے بعد گھر سے دل تک جو ویرانی سی اتر آئے گی وہ اسے کیسے آباد کرسکے گی ۔۔ تنہائی کے تپتے صحرا میں صبر کا کڑا امتحان کیسے دے پائے گی ۔ ۔۔اس کے بیٹے جب اسے کبھی کوئی رنج دیں گے تو کس سے شکایت کرے گی ۔۔ اس کا جب دل گھبرائے گا کس سے بات کرے گی ۔۔ کس کے لئے سجے گی ۔۔۔ ساگ اور مکئی کی روٹی کس کے لئے پکائے گی ۔۔ کس کا رات رات بھر ہسپتال سے واپس آنے کا انتظار کرے گی ۔۔ کس کی سلامتی اور صحت کی دعائیں سب سے منگوائے گی ۔۔ بچوں کو کس کا ڈروا دے گی ۔۔ خوشی اور غم میں آپ کی کمی کو کیسے پورا کر سکے گی ۔۔

طارق بھائی آپ کے اس طرح چلے جانے سے مجھے آج اپنی بی بی جی کی باتیں بہت یاد آرہی ہیں ۔۔ وہ کہا کرتی تھیں کہ زندگی کے سارے رشتے بس دھڑکے ، اندیشے ہی ہوتے ہیں ۔۔ دیکھئے تو آج سے آپ کی منور کی زندگی میں بھی کئی اور نئے دھڑکے اور اندیشے شامل ہونے جا رہے ہیں ۔۔

32 thoughts on “جی کو دھڑکا لگا تھا پل پل کا ۔ از؛ ڈاکٹر نگہت نسیم ۔سڈنی”

  1. ڈاکٹر نگہت جی.کیا خوبصورت تحریر ہے. دراصل اہل علم نے کسی لافانی شے پارے کی جو تعریف کی ہے وہ یہ ہے کہ ایسی تحریر جسے پڑھ کر آپ خود کو اسکا حصہ تصور کریں وہ فن پارہ یا وہ تحریر لافانی ہوتی ہے. اپنے مرنے والوں کی یاد میں ہر دور میں ہر کسی نے اپنے اپنے انداز میں لکھا ہے.غالب نے اپنے بھتیجے عارف کا مرثیہ لکھا تو ہر جواں مرگ کے والدین کے ایسا لگا کہ انہی کے بچے کی بات ہے.

    لازم تھا کہ دیکھو مرا رستہ کوئی دِن اور
    تنہا گئے کیوں؟ اب رہو تنہا کوئی دن اور

    مٹ جائےگا سَر ،گر، ترا پتھر نہ گھِسے گا
    ہوں در پہ ترے ناصیہ فرسا کوئی دن اور

    آئے ہو کل اور آج ہی کہتے ہو کہ ’جاؤں؟‘
    مانا کہ ھمیشہ نہیں اچھا کوئی دن اور

    جاتے ہوئے کہتے ہو ’قیامت کو ملیں گے‘
    کیا خوب! قیامت کا ہے گویا کوئی دن اور

    ہاں اے فلکِ پیر! جواں تھا ابھی عارف
    کیا تیرا بگڑ تا جو نہ مرتا کوئی دن اور

    تم ماہِ شبِ چار دہم تھے مرے گھر کے
    پھر کیوں نہ رہا گھر کا وہ نقشا کوئی دن اور

    تم کون سے ایسے تھے کھرے داد و ستد کے
    کرتا ملکُ الموت تقاضا کوئی دن اور

    مجھ سے تمہیں نفرت سہی، نیر سے لڑائی
    بچوں کا بھی دیکھا نہ تماشا کوئی دن اور

    گزری نہ بہرحال یہ مدت خوش و ناخوش
    کرنا تھا جواں مرگ گزارا کوئی دن اور

    ناداں ہو جو کہتے ہو کہ ’کیوں جیتے ہیں غالب‘
    قسمت میں ہے مرنے کی تمنا کوئی دن اور
    (غالب)

    اقبال نے والدہ مرحومہ کی یاد میں لکھا تو یوں محسوس ہوا جیسے میری ہی والدہ کا تذکرہ ہے.

    ذرہ ذرہ دہر کا زندانی تقدیر ہے
    پردئہ مجبوری و بے چارگی تدبیر ہے

    آسماں مجبور ہے، شمس و قمر مجبور ہیں
    انجم سیماب پا رفتار پر مجبور ہیں

    ہے شکت انجام غنچے کا سبو گلزار میں
    سبزہ و گل بھی ہیں مجبور نمو گلزار میں

    نغمہ بلبل ہو یا آواز خاموش ضمیر
    ہے اسی زنجیر عالم گیر میں ہر شے اسیر

    آنکھ پر ہوتا ہے جب یہ سر مجبوری عیاں
    خشک ہو جاتا ہے دل میں اشک کا سیل رواں

    قلب انسانی میں رقص عیش و غم رہتا نہیں
    نغمہ رہ جاتا ہے ، لطف زیروبم رہتا نہیں

    علم و حکمت رہزن سامان اشک و آہ ہے
    یعنی اک الماس کا ٹکڑا دل آگاہ ہے

    گرچہ میرے باغ میں شبنم کی شادابی نہیں
    آنکھ میری مایہ دار اشک عنابی نہیں

    جانتا ہوں آہ ، میں آلام انسانی کا راز
    ہے نوائے شکوہ سے خالی مری فطرت کا ساز

    میرے لب پر قصہ نیرنگی دوراں نہیں
    دل مرا حیراں نہیں، خنداں نہیں، گریاں نہیں

    پر تری تصویر قاصد گریۂ پیہم کی ہے
    آہ! یہ تردید میری حکمت محکم کی ہے

    گریہ سرشار سے بنیاد جاں پائندہ ہے
    درد کے عرفاں سے عقل سنگدل شرمندہ ہے

    موج دود آہ سے آئینہ ہے روشن مرا
    گنج آب آورد سے معمور ہے دامن مرا

    حیرتی ہوں میں تری تصویر کے اعجاز کا
    رخ بدل ڈالا ہے جس نے وقت کی پرواز کا

    رفتہ و حاضر کو گویا پا بپا اس نے کیا
    عہد طفلی سے مجھے پھر آشنا اس نے کیا

    جب ترے دامن میں پلتی تھی وہ جان ناتواں
    بات سے اچھی طرح محرم نہ تھی جس کی زباں

    اور اب چرچے ہیں جس کی شوخی گفتار کے
    بے بہا موتی ہیں جس کی چشم گوہربار کے

    علم کی سنجیدہ گفتاری، بڑھاپے کا شعور
    دنیوی اعزاز کی شوکت، جوانی کا غرور

    زندگی کی اوج گاہوں سے اتر آتے ہیں ہم
    صحبت مادر میں طفل سادہ رہ جاتے ہیں ہم

    بے تکلف خندہ زن ہیں، فکر سے آزاد ہیں
    پھر اسی کھوئے ہوئے فردوس میں آباد ہیں

    کس کو اب ہوگا وطن میں آہ! میرا انتظار
    کون میرا خط نہ آنے سے رہے گا بے قرار

    خاک مرقد پر تری لے کر یہ فریاد آئوں گا
    اب دعائے نیم شب میں کس کو یاد میں آئوں گا!

    تربیت سے تیری میں انجم کا ہم قسمت ہوا
    گھر مرے اجداد کا سرمایہ عزت ہوا

    دفتر ہستی میں تھی زریں ورق تیری حیات
    تھی سراپا دیں و دنیا کا سبق تیری حیات

    عمر بھر تیری محبت میری خدمت گر رہی
    میں تری خدمت کے قابل جب ہوا تو چل بسی

    وہ جواں، قامت میں ہے جو صورت سرو بلند
    تیری خدمت سے ہوا جو مجھ سے بڑھ کر بہرہ مند

    کاروبار زندگانی میں وہ ہم پہلو مرا
    وہ محبت میں تری تصویر، وہ بازو مرا

    تجھ کو مثل طفلک بے دست و پا روتا ہے وہ
    صبر سے ناآشنا صبح و مسا روتا ہے وہ

    تخم جس کا تو ہماری کشت جاں میں بو گئی
    شرکت غم سے وہ الفت اور محکم ہوگئی

    آہ! یہ دنیا ، یہ ماتم خانہ برنا و پیر
    آدمی ہے کس طلسم دوش و فردا میں اسیر!

    کتنی مشکل زندگی ہے، کس قدر آساں ہے موت
    گلشن ہستی میں مانند نسیم ارزاں ہے موت

    زلزلے ہیں، بجلیاں ہیں، قحط ہیں، آلام ہیں
    کیسی کیسی دختران مادر ایام ہیں!

    کلبہ افلاس میں، دولت کے کاشانے میں موت
    دشت و در میں، شہر میں، گلشن میں، ویرانے میں موت

    موت ہے ہنگامہ آرا قلزم خاموش میں
    ڈوب جاتے ہیں سفینے موج کی آغوش میں

    نے مجال شکوہ ہے، نے طاقت گفتار ہے
    زندگانی کیا ہے ، اک طوق گلو افشار ہے!

    قافلے میں غیر فریاد درا کچھ بھی نہیں
    اک متاع دیدئہ تر کے سوا کچھ بھی نہیں

    ختم ہو جائے گا لیکن امتحاں کا دور بھی
    ہیں پس نہ پردئہ گردوں ابھی اور بھی

    سینہ چاک اس گلستاں میں لالہ و گل ہیں تو کیا
    نالہ و فریاد پر مجبور بلبل ہیں تو کیا

    جھاڑیاں، جن کے قفس میں قید ہے آہ خزاں
    سبز کر دے گی انھیں باد بہار جاوداں

    خفتہ خاک پے سپر میں ہے شرار اپنا تو کیا
    عارضی محمل ہے یہ مشت غبار اپنا تو کیا

    زندگی کی آگ کا انجام خاکستر نہیں
    ٹوٹنا جس کا مقدر ہو یہ وہ گوہر نہیں

    زندگی محبوب ایسی دیدئہ قدرت میں ہے
    ذوق حفظ زندگی ہر چیز کی فطرت میں ہے

    موت کے ہاتھوں سے مٹ سکتا اگر نقش حیات
    عام یوں اس کو نہ کر دیتا نظام کائنات

    ہے اگر ارزاں تو یہ سمجھو اجل کچھ بھی نہیں
    جس طرح سونے سے جینے میں خلل کچھ بھی نہیں

    آہ غافل! موت کا راز نہاں کچھ اور ہے
    نقش کی ناپائداری سے عیاں کچھ اور ہے

    جنت نظارہ ہے نقش ہوا بالائے آب
    موج مضطر توڑ کر تعمیر کرتی ہے حباب

    موج کے دامن میں پھر اس کو چھپا دیتی ہے یہ
    کتنی بیدردی سے نقش اپنا مٹا دیتی ہے یہ

    پھر نہ کر سکتی حباب اپنا اگر پیدا ہوا
    توڑنے میں اس کے یوں ہوتی نہ بے پروا ہوا

    اس روش کا کیا اثر ہے ہےئت تعمیر پر
    یہ تو حجت ہے ہوا کی قوت تعمیر پر

    فطرت ہستی شہید آرزو رہتی نہ ہو
    خوب تر پیکر کی اس کو جستجو رہتی نہ ہو

    آہ سیماب پریشاں ، انجم گردوں فروز
    شوخ یہ چنگاریاں ، ممنون شب ہے جن کا سوز

    عقل جس سے سر بہ زانو ہے وہ مدت ان کی ہے
    سرگزشت نوع انساں ایک ساعت ان کی ہے

    پھر یہ انساں، آں سوئے افلاک ہے جس کی نظر
    قدسیوں سے بھی مقاصد میں ہے جو پاکیزہ تر

    جو مثال شمع روشن محفل قدرت میں ہے
    آسماں اک نقطہ جس کی وسعت فطرت میں ہے

    جس کی نادانی صداقت کے لیے بیتاب ہے
    جس کا ناخن ساز ہستی کے لیے مضراب ہے

    شعلہ یہ کمتر ہے گردوں کے شراروں سے بھی کیا
    کم بہا ہے آفتاب اپنا ستاروں سے بھی کیا

    تخم گل کی آنکھ زیر خاک بھی بے خواب ہے
    کس قدر نشوونما کے واسطے بے تاب ہے

    زندگی کا شعلہ اس دانے میں جو مستور ہے
    خود نمائی ، خودفزائی کے لیے مجبور ہے

    سردی مرقد سے بھی افسردہ ہو سکتا نہیں
    خاک میں دب کر بھی اپنا سوز کھو سکتا نہیں

    پھول بن کر اپنی تربت سے نکل آتا ہے یہ
    موت سے گویا قبائے زندگی پاتا ہے یہ

    ہے لحد اس قوت آشفتہ کی شیرازہ بند
    ڈالتی ہے گردن گردوں میں جو اپنی کمند

    موت، تجدید مذاق زندگی کا نام ہے
    خواب کے پردے میں بیداری کا اک پیغام ہے

    خوگر پرواز کو پرواز میں ڈر کچھ نہیں
    موت اس گلشن میں جز سنجیدن پر کچھ نہیں

    کہتے ہیں اہل جہاں درد اجل ہے لا دوا
    زخم فرقت وقت کے مرہم سے پاتا ہے شفا

    دل مگر ، غم مرنے والوں کا جہاں آباد ہے
    حلقہ زنجیر صبح و شام سے آزاد ہے

    وقت کے افسوں سے تھمتا نالئہ ماتم نہیں
    وقت زخم تیغ فرقت کا کوئی مرہم نہیں

    سر پہ آجاتی ہے جب کوئی مصیبت ناگہاں
    اشک پیہم دیدئہ انساں سے ہوتے ہیں رواں

    ربط ہو جاتا ہے دل کو نالہ و فریاد سے
    خون دل بہتا ہے آنکھوں کی سرشک آباد سے

    آدمی تاب شکیبائی سے گو محروم ہے
    اس کی فطرت میں یہ اک احساس نامعلوم ہے

    بس ایسا ہی کچھ اس تحریر میں ہے کہ یوں لگتا ہے کہ جیسے طارق ہمارے اپنے بھائی تھے اور یہ طارق کبھی اسد کے روپ میں نظر آتا ہے اور کبھی شاہد کی شکل میں اور کبھی نفیس کی صورت میں ڈھل جاتا ہے۔ آپکو اللہ پاک نے مکالمہ لکھنے کا جو ہنر دیا ہے وہ بہت یگانہ ہے اور اسی مکالمے کا بھرپور اظہار اس تحریر میں ہے۔ جیسے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    ”وہ اکثر کہا کرتیں کہ دھڑکا ایک وہم کی طرح ہوتا ہے جو کبھی دل کاپلو نہیں چھوڑتا ۔۔ خدا سے خوش گمان نہیں رہنے دیتا ۔۔ میں ایسی نہیں تھی ربا پر میرا شیر گھر سے چلا گیا ۔۔ اب میں جی کر کیاکرونگی ۔ چاچا سجاد ان کے پاؤں کے نیچے اپنے دونوں ہاتھ رکھتے تھے کہ ان کی ماں کے پیر زمین پر نہ پڑیں ۔ میرے ابا جی جب تک ان کے پاؤں نہ چومتے تھے انہیں نیند نہیں آتی تھی اور ہمیشہ کہا کرتے جو شخص اپنی ماں سے محبت کرتا ہے وہ ہر رشتے کو نبھاہ سکتا ہے ”

    ”جب بھی ہم کبھی ان سے فون پر بات کرتے تو وہ آفتاب سے کہتے یار فکر کی کیابات ہے میں دیکھ لوں گا ۔ تم فکر نہ کرو ۔۔ اور واقعی ہمیں یہی لگتا کہ ہماری ماں کے پاس ان کا فکرمند بیٹا ہے جو ان کے دکھ سکھ میں ان کے ساتھ ہے ۔ طارق بھائی تھے ہی اتنے اچھے ۔۔ ہسپتال میں اپنے مریضوں کے دلپسند مہربان ڈاکٹر ۔۔ اسٹوڈنٹس کے ہر دل عزیز پروفیسر جن سے انہیں سوال پوچھتے ہوئے کبھی ڈارنہیں لگتا تھا ۔۔ غریبوں کے ہمدرد ، اپنے ماں باپ کے وعدوں کا پاس رکھنے والے انتہائی نیک اور پرہیزگار انسان تھے ۔ ”

    ”آہ میرے طارق بھائی کے نسخہ لکھنے سے پہلے ہی آج مرض الموت نے انہی کے لئے آخری نسخہ لکھا دیا ۔۔ اور وہ پچپن برس کی عمر میں اپنے آبائی شہر کراچی کے جناح ہوسپٹل میں چھبیس اپریل دو ہزار گیارہ کی پہلی گھڑی اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔”

    خدا رحمت کُند ایں عاشقان پاک طینت را

  2. انا للہ و انا الیہ راجعون۔
    میرے پاس الفاظ نہیں ہیں ۔۔ کہ کیسے تسلی دوں ، اللہ پاک ایک نا اایک دن صبر عطا فر ما دیتا ہے ۔۔۔۔۔ اور نا ہی اپنی امت پر اس کی ہمت سے ذیادہ بوجھ ڈلاتا ہے ۔۔۔ جب بھی کوئی اپنے آخری سفر پر جاتا ہے ۔۔۔۔ تو مجھے اپنی ماں کی جدائی اور ان کا دنیا سے چلے جانا یاد آ جاتا ہے ۔۔۔۔۔ ویسے بھولتی تو وہ کسی صورت نہیں ہیں ۔۔۔کہ ماں کے جانے کے بعد دعاوں کے دروازے بند ہو جاتے ہیں ۔۔ میں وہ وقت ابھی بھی یاد کرتی ہوں ۔۔۔ جب میری ماں مجھے چھوڑ کر چلی گئی ۔۔۔۔ تب وہ باہمت انسان بہت ہی پیاری دوستوں کی دوست نگہت ہی تھیں ۔ جنھوں نے سارے راستے مجھے تسلی دی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔خود رو رہی تھی اور مجھے یوں یقین دلا رہی تھی ۔ ک ہا بھی فون آئے گا کہ ماں جی ٹھیک ہیں ۔۔۔۔ اپنوں کے جانے کا دکھ ذیادہ پردیس میں ہی ہوتا ہے جہاں ہم اکیلے خوش بھی ہوتے ہیں ،، اور دکھی بھی۔۔۔۔۔آفتاب بھائی تسلی کے یہ الفاظ آپ کے اتنے بڑے صدمے کو کم تو نہیں کر سکتے ۔۔۔۔۔۔ یہ تو وہی جانتا ہے جس پر گزارتی ہے ۔۔۔۔اللہ پاک سے دعاہے ۔۔۔کہ طارق بھائی کا وہ جہاں خوشیوں سے آباد ہو ۔۔۔۔ اللہ پاک ان کو جنت میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جیمل عطا فرمائے آمین ۔۔۔۔

  3. ںگہت آپی
    کتنی دلگداز اور دردناک تحریر ہے. یقین کیجےء میرا دل ہی نہیں رو رہا میری آنکھوں سے بھی آنسو بہہ
    رہے ہیں اور دل سے یہی صدا نکل رہی ہے کہ اللہ ربّ العزّت آپ سب کو صبرِ جمیل عطا فرماےءاور مر حوم کے درجات
    کو بلند فرماےء.
    آمین.

  4. اناللہ و انا الیہ راجعون۔

    میری طبیعت خراب تھی جس کی وجہ سے آج آن لائن ہوئی ابھی رات کے دو بج رہے ہیں اور پڑھ کر ابھی فارغ ہوئی ہوں شام میں بھی اخبار پر آنے کی کوشش کی تھی مگر یہ پیج اوپن نہیں ہوا . ابھی جب ہوا تو یہ بلاگ اور کالم پڑھا آپی کا . اُن کے درد کو محسوس کر سکتی ہوں کیونکہ اپنوں کے کھونے کے دُکھ کو بہت اچھے سے جانتی ہوں .. خدا سے دُعا ہے کے جانے والے کے درجات بُلند ترین فرمائے اور اہل ِ خانہ کو صبر و ہمت عطا کرے تاکہ وہ اس عظیم صدمے کو برداشت کر سکیں الہی آمین .

    آپی خدا آپ سب کو اپنی امان میں رکھے اور گھر والوں کو صبر کو صبر عطا کرے .

    یہ دُنیا فانی ہے اور موت ہر شخص کا مقدر ہے بس خدا جانے والوں پر اپنی رحمت کا سایہ ہمیشہ بنائے رکھے الہی آمین .

    دُعا گو

    ثمرین بخاری

  5. میری درد مند بیٹی ،،
    اللہ تعالٰی تمھاری اولاد کو بھی ایسا ہی نیک اور سعادت مند اٹھائے انشاللہ کہ تم کہ سکو کہ میرے بچّے اپنے نیکو کار باپ کا پرتو نکلے ہیں اللہ تعالٰی کا اپنا ایک خاموش قانون ہے انسان زمین میں جس فصل کے بیج بوتا ہے وہی فصل اس کو کاٹنے کے لئے تیّا ر ملتی ہے ،تمھاری ساس امّی کو آفتاب جیسا لا ئق بیٹا اور تم جیسی نیک بہو اور ،،ڈاکٹر طارق مرحوم جیسا مہربان اور انسان دوست داماد جو مثل بیٹے کے تھے ،ان کے نیک اعمال کے صلے میں ملے ،مجھے یقین ہے کہ ان کے سب ہی بچّے اسی طرح سے فرماں بردار ہوں گے

    میں بھی اور میرے شوہر ہم دونوں بھی اس لحاظ سے خوش نصیب رہے کہ اللہ کریم نے ہم کو بھی ہمارے قدموں تلے اپنی پلکیں بچھانے والی اولاد عطا کی لیکن ساری نعمتیں ہوتے ہوئے میرے شوہر اللہ کے گھر جاتے ہوئے میرے ساتھ بلکل تنہا تھے اور پردیسی بچّوں پر جو گزری وہ تو الگ ہی کہانی ہے
    میں اس وقت آفتاب بیٹے کی اور تمھاری قلبی کیفیت سمجھ سکتی ہوں ،اللہ کریم اپنے کرم کے صدقے تمھارے خاندان کو یہ صدمہ سہارنے کی ہمّت عطا فرمائے آمین اور ڈاکٹر طارق مرحوم مو مغفور کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے

  6. السلام علیکم
    درد اور دکھ کو ہر ہر سطر میں بھر کے آپ نے اپنے ساتھ ہم سب کو بھی رلا دیا ، دُکھ اور درد کہ یہ ٹیسیں ہم سب کی نسوں میں اُتر آئیں ہیں ، ہم سب ہی آپ کے اس غم میں برابر کے شریک ٹھہرے ، یہ دھڑکا اب ہم سب کی زندگی کا حصہ بن چکا ہے ، یہ پہلے بھی تھا مگر آج آپ نے محسوس کروا دیا ہے ، میرے بھی کئی پیارے مجھ سے بچھڑتے ہی رہے ہیں مگر شاید ہیلے میں نے کبھی اس دھڑکے کو یوں محسوس نہیں کیا تھا ، شاید آج سے پہلے میری شعوری عمر اتنی نہیں تھی یا پھر شعوری بالیدگی ، آپ کی اس تحریر اور اُس میں رچے بسے غم نے مجھے قدرے حساس کر دیا ہے ، اب یہ دھڑکا مجھے بھی لگ گیا ہے ، حاجی صاحب ( میرے ابو ) کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں رہتی ، وہ پہلے کے مقابلے میں بہت کمزور ہو گئے ہیں ، آپ سے اور تمام احباب سے اُن کی صحت کی دُعا کی گزارش ہے ۔
    آصف احمد بھٹی

  7. باجی کیا کہوں ، زندگی کا یہ رُخ ایسا ہے کہ جس پر جتنا بھی کچھ کہا جاے کم ہے ، یہ دھڑکا ایسا ہے جو میں سمجھ سکتا ہوں ، پچھلے پانچ سالوں سے میں ان دھڑکوں سے نپٹتا آ رہا ہوں ، اپنے پیاروں کی جدائی اور انکے دکھ زندگی میں خزان کا موسم لے آتے ہیں ، کہ ہر امید کے پتے جھڑتے جاتے ہیں ، اور ہم صرف اپنے رب کے حضور انکے خوشیوں اور سلامتی کی دعائیں مانگتے ہیں ، مگر شاید بلکہ یقینن وہ ہمارا دکھ زیادہ محسوس کر سکتا ہے ، جو ہمیں ایسا دکھ دیتا ہے مگر یہ بھی تو ہوتا ہے نا کہ ہم ان دکھوں کی وجہ سے ان کے اور قریب ہو جاتے ہیں انہیں اور محسوس کرتے ہیں ، جنہیں شاید عام حالات میں ہم محسوس نہیں کر پاتے یا انہیں وہ توجہ نہیں دے پاتے جنکی انہیں ضرورت ہوتی ہے ۔ ۔ ۔۔ اور پھر جو لوگ لمبی بیماری سہتے ہیں انکا جو ساتھ اس بیماری میں دیتے ہیں ، وہ ہی انکے سکون کا باعث ہوتا ہے ، باقی اللہ کی مرضی کہ وہ مرض لگاتا بھی ہے اور مٹاتا بھی ہے ،

    میں اس درد کو سمجھتا ہوں اس بے بسی اور بے کسی کو بھی سمجھتا ہوں جو اپنے پیاروں کو ایسی خوفناک بیماریوں کے لگنے پر ہمیں ہوتیں ہیں ، ہم ایسے لمحوں میں اک امید بھری مسکراہٹ بھی انہیں دے سکیں تو اس سے بڑا تحفہ کوئی نہیں ہوتا ۔ ۔ ۔ ۔

    اللہ ہمارے پیاروں کو صحت و سلامتی اور خوشیاں دے ، اور جو ہم میں نہیں رہے انکے لیے دعاؤں کے تحفے بھیجنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں انکی جدائی پر صبر دے ، میں آفتاب بھائی کے لیے خصوصی طور پر دعا گو ہوں کہ انہیں صبر دے پردیس میں اپنوں کی طرف سے ایسی جدائی سہنی بہت مشکل ہوتی ہے ۔۔

    انا للہ وانا الہ راجعون

  8. بیٹا میری رات کے یہاں تین بجے ہیں میں نماز کے لئے اٹھی ہو ں تو سوچا پہلے اخبار پر نظر ڈال لوں تو تمھارا بلاگ پڑھا ،میں ابھی نماز پڑھ کر عالمی اخبار کے تمام محترم اراکین کے لئے دعا ئیں ،،اور بالخصوص تمھارے والد کے لئے دعائے صحت کروں گی
    اللہ نگہبان

  9. ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی تحریر پڑھکر کسی کا یہ شعر یاد آرہا ہے جسےمیں تبدیلی کے ساتھ لکھ رہا ہوں کہ:

    دیکھئے تحریر کی خوبی کہ جو اس نے لکھا
    میں نے یہ جانا کہ گویا یہ بھی میرے دل میں ہے

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    جناب صفدر ھمدانی صاحب نے اقبال کی نظم “ والدہ مرحومہ کی یاد میں “ کو جس شعر پر ختم کیا اس کے بعد کے اشعار یہ ہیں :

    جوہرِ انساں عدم سے آشنا ہوتا نہیں
    آنکھ سے غائب تو ہوتا ہے ، فنا ہوتا نہیں

    رختِ ہستی خاک ، غم کی شعلہ افشانی سے ہے
    سرد یہ آگ اس لطیف احساس کے پانی سے ہے

    آہ ! یہ ضبطِ فغاں غفلت کی خاموشی نہیں !
    آگہی ہے یہ دلاسائی ، فراموشی نہیں !

    پردہ ۃ مشرق سے جس دم جلوہ گر ہوتی ہے صبح
    داغِ شب کا دامنِ آفاق سے دھوتی ہے صبح

    لالہء افسردہ کو آتش قبا کرتی ہے یہ
    بے زباں طائر کو سرمستِ نوا کرتی ہے یہ

    سینہء بلبل کے زنداں سے سرود آزاد ہے
    سینکڑوں نغموں سے بادِ صبحدم آباد ہے

    خفتگانِ لالہ زارو کوہسارو رودبار
    ہوتے ہیںآخر عروسِ زندگی سے ہمکنار

    یہ آگر آئینِ ہستی ہے کہ ہو ھر شام صبح
    مرقدِ انساں کی شب کا کیوں نہ ہو انجام صبح ؟

    دامِ سیمینِ تخیّل ہے مرا آفاق گیر
    کرلیا ہے جس سے تیری یاد کو میں نے اسیر !

    ہاد سے تیری دلِ درد آشنا معمور ہے
    جیسے کعبے میں دعاوں سے فضا معمور ہے

    وہ فرائض کا تسلسل نام ہے جس کاحیات
    جلوہ گاہیں اس کی ہیں لاکھوں جہانِ بے ثبات

    مختلف ہر منزلِ ہستی کی رسم و راہ ہے
    آخرت بھی زندگی کی ایک جولاں گا ہ ہے

    ہے وہاں بے حاصلی کشتِ اجل کے واسطے
    ساز گار آب وہوا تخمِ عمل کے واسطے

    نورِ فطرت ظلمتِ پیکر کا زندانی نہیں
    تنگ ایسا حلقہء افکارِ انسانی نہیں

    زندگانی تھی تری مہتاب سے تابندہ تر
    خوبتر تھا صبح کے تارے سے بھی تیرا سفر

    مثلِ ایوانِ سحر مرقد فروزاں ہو ترا !
    نور سے معمور یہ خاکی شبستاں ہو ترا !

    آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے !
    سبزہ ء نو رستہ اس گھر کی نگہبانی کرے !

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    فقط:
    جو چلے گئے انکے لیےدعائے مغفرت اور جو زندہ ہیں انکی بخیر و عافیت زندگی کی دعاوں کے ساتھ :
    منظور قاضی
    جرمنی سے

  10. السلام علیکم
    بہت بہت شکریہ سیدہ صاحبہ ، اللہ میرے ’’ حاجی صاحب ‘‘ سمیت تمام بیماروں کو شفا عطا فرمائے ۔ آمین ۔
    آصف احمد بھٹی

  11. ھر صاحب دل یہ تحریر اشکبار آنکھوں سے پڑھے گا۔ شاید اس لیے کہ اس کو ایک اسی نیک دل ، سچائ سے پیار کرنے والی ،نیکی کے ھر کام میں سبقت لے جانے والی ، دوسروں کے دکھہ درد میں کام آنے والی ۔ انسانی نفسیات پر گہرا عبور رکھنے والی ۔ڈاکٹر نگہت نسیم نے لکھا ھے، انکا تعلق ایک ایسے خانوادے سے ھے جہاں محبت اور ا حترام گھر کے در ودیوار میں رچے بسے ھوتےھیں بڑوں کی بے پناہ عزت ، ھر ایک کی تعظیم ۔کا سبق تو نگہت کو ماں کی گود سے ملا ھے۔ماں کی گود بچے کی پہلی درس گاہ ھوتی ھے اس عظیم درس گاہ سے بانصیب بچے جو درس لیتے ھیں وہ ھمشیہ ساتھہ رھتا ھے، انسان جس سے قلبی روحانی فکری وابستگی محسوس کرتا ھے اس کے دکھہ درد بھی دل پر شدت سے اثر کرتا ھے،۔ غم والم کی ان دکھہ آمیز گھڑیوں میں بہت دور بیھٹے دوست کا خیال بھی لمحہ بھر کے لیے دل کو آسودگی عطا کرتا ھے،

    میری بہت پیاری دوست میری مسیحاء میری نبض شناس عزيز بہن ۔ ڈاکٹر نگہت نسیم۔ ۔۔میں جب بیت اللہ میں غلاف کعبہ پکڑے سب کے لیے دعا کررھی تھی ، تو میں ڈاکٹر طارق محمود کے لیے دیر تک دعا کرتی رھی ۔کہ اللہ پاک انکی تکلیفوں کو اذیتوں کو کم کردے۔
    انکو شفا یابی عطا کر۔۔۔ ابھی چند دن ھی ھوۓ ھیں مکہ مدینے میں ھردر ودیوار سے لپٹ کر گڑگڑا کر دعا کرتے،ھوۓ سب کے لیے جو بیمار ھیں جو کسی آزار میں مبتلا ھیں جو کسی آژمائش میں آگۓ ھیں ۔ دوست ۔ کھبی کھبی کچھہ دعايئں قبول ھی نیہن ھوتیں۔ ھم کو عرش اعظم کے مکیں کی مصلحت کا علم ھی نیہن ھوتا ، وہ کسی کو اس کی ھمت اور برداشت سے زیادہ آژمائش میں نیہن ڈالتا ۔

  12. معذرت خواہ ھوں کہ نامکمل تحریر ھی غلطی سے بھیج دی ۔ ،،
    کوئ مصبیت آۓ تو بندہ کہے

    انااللہ وانا الیہ راجعون

    اللھم اجرنی فی مصیبتی واخلف لی خیرا منہا

    یقینا ھم اللہ ھی کی ملکیت ھیں اور بلاشبہ ھم اسی کی طرف لوٹ کرجانے والے ھیں ،اے اللہ مجھے میری مصیبت میں بہترین

    اجر دے اور مجھے اس کے بدلے میں اس سے بہتر چیز عطا فرماء

    اللہ ھی کا ھے جواس نے لے لیا اور اسی کا ھے جو اس نے دیا ، اس کے پاس ھر چیز مقرروقت کے ساتھہ ھے ، اسی لیے تھیں چاھیے کہ صبر کرو اور ثواب کی نیت رکھو،

    ربنا اغفر لی ولوالدی والمؤمنين والمؤمينات یوم یقوم الحساب

    بیماری جسم کی زکوۃ ھوتی ھے ڈاکٹر طارق محمود ایک طویل تکلیف دہ بیماری سے جنگ کرتے ھوۓ اپنے سفر آخرت پر روانہ ھوگے ۔،اپنے سارے فرائض پوری کرکے گۓ ھیں اور رحلت واقغی انکی بیوی بچوں کے لیے بہت بڑا سانحہ ھے ، اور آفتاب بھائ ڈاکٹر نگہت نسیم اور انکی ساس کو بھی اللہ پاک صبر جمیل عطا فرماۓ امین ثمہ آمین

    وہ آج بہت بہترین جگہ پر ھیں۔ ، ھم سب کو ایک دن وھیں جانا ھے ، مگر وہ لوگ جھنوں نے نیک کام کیے ان کو یوم حساب عرش الہی کے سايے میں جگہ ملے گی ۔،اور اللہ پاک انکی قبر کو کشادہ کرتا ھے منور کردیتا ھے۔ ھم سب کی دعا ھے کہ اللہ پاک مرحوم ڈاکٹر طارق محمود کی روح کو جنت الفرودس میں مقام خاص مرحمت فرماۓ، اور انکے لواحقین کو صبر جمیل مطا فرماۓ اور انکو کسی کا محتاج نہ کرنے، انکی دلجوئ کرنے والے عزيز واقارب کو بھی صلہ و اجر عظیم عطا فرماءکہ کسی یتیم کو تسلی دینا، کسی کی مصیبت میں کام آنا ، اللہ کے ھاں ان نیکیوں کا بھی بہت بڑا اجر ھے ،

    آیۓ مل کر سب مرحومیں کی مغفرت کی دعا کرتے ھیں کہ اللہ پاک ان سب کو جنت الفرودس میں جگہ عطا فرماۓ ، آمین ثمہ امین۔

  13. آصف میرے اچھے بھائ سلامت رھو۔ ھم سب اللہ پاک سے دعا کرتے ھیں کہ تمھارے والد محترم حاجی صاحب کو شفاۓ عاجل اور شفاۓ کامل عطا فرماۓ آمین ثمہ آمین

  14. اس تحریر نے وہ سارے پردے پھر سے اُٹھا دیئے جو شاید کچھ دن کے لئے نظروں سے اوجھل ہوگئے تھے ۔کہ جب کوئی اپنا دنیا سے جاتا ہے تو وہ سارے یاد آجاتے ہیں جو ہمیں چھوڑ گئے ۔
    یہ حقیقت ہے کہ جانا سب ہی کوہے مگر خوش قسمت ہیں وہ جو اتنی محبتوں کو سمیٹ کر جاتے ہیں ۔میرے اپنے پیارے بھی اسی طرح گئے کہ میں پردیس میں تھی ۔لیکن بس ایک بات مجھے بہت سکون دیتی ہے کہ جب ماںمجھے یاد آتی ہیں تو اسی طرح چلتی پھرتی یاد آتی ہیں جیسا میں انہیں چھوڑ آئی تھی ۔کیونکہ میں نے انہیں آخری لباس میں نہیں دیکھا تھا اس لئے وہ جب بھی میرے خیال میں آتی ہیں زندگی سے بھر پور آتی ہیں ۔لیکن خلش بس یہ ہی ہوتی ہے کہ کاش میں اس وقت انکے پاس ہوتی ۔ لیکن شاید یہ کمی مجھے میری ماں سے اور والد سے اور ان تمام لوگوں سے بہت قریب کر دیتی ہے اجن کے جانے کا دکھ میں نے پردیس میں سہا اور وہ شاید ہمارے زیادہ قریب ہوجاتے ہیں ۔
    جیسے طارق محمود سے میرا کوئی رشتہ نہ تھا لیکن جب سے نگہت نے دعا کے لئے کہا تھا وہ میری دعاؤں میں شامل تھے ۔اور ہمیشہ دعا کرتے ہوئے ایسا لگتا تھا جیسے کوئی میرا بہت اپنا ہے ۔اور واقعی کچھ دحڑکا سا لگا ہوا تھا ۔اللہ ان کی مغفرت کرے ۔اور تمام لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے ۔اللہ کی امانت تھی اللہ نے واپس لے لی ۔
    آصف بھائی اللہ سے دعا ہے کہ آپ کے والد محترم کا شفیق سایہ آپ پر قائم رہے اور اللہ تعالیٰ انہیں لمبی عمر عطا کرے ۔اللہ انہیں صھت دے ۔ شفائے کامل عطا کرے آمین
    عالم آرا
    وینکور

  15. آپ بے شک اُن لوگوں میں سے ھیں جو ھر انسان سے محبت عبادت سمجھ کر کرتے ھیں آپکے احساسات اور محسوسات جو آپ تحریر کرتیں
    ھیں وہ پڑھنے والے کی روح کی گہرائیوں اتر جاتے ھیں
    ایک ہنگامہ سا برپا کر دیا
    جانے والے تو نے یہ کر دیا

  16. ایک ہنگامہ سا برپا کر دیا
    جانے والے تو نے یہ کر دیا

    میری پیاری اور اللہ کا انعام بہن فاطمہ آپ نے ایک شعر میں وہ بات کہہ دی جس کو میں ہزاروں لفظوں میں کہنے کی کوشش کی تھی … تم جیو ہزاروں سال اور ہر سال کے دن ہو پچاس ہزار
    آمین

  17. بابا جی (جناب صفدر ہمدانی ) آپ کی شفقت میرے لئے اللہ کریم کی خاص عنایت ہے .. آپ کی یوں تو ہر بات ہی میرے لئے محٍفوظ کر لینے والی ہوتی لیکن جو بات آپ نے مجھے کل سمجھائی ہے وہ میں اپنے پلو سے باندھ لی ہے .. آپ نے کہا تھا کہ افسوس ، رنج اور تکلیف میں کمی کے لئے ایک نسخہ دیتا ہوں .. پھر آپ نے کہا کہ نسخہ یہ ہے کہ
    ” بس انہیں یاد رکھو جو تمہیں یاد رکھتے ہیں ”

    جی آپ نے صحیح کہا تھا کیوں کہ اس کے بعد میں نے بہت سارے لوگ جو مجھے صرف رنج دیتے تھے انہیں Delete کر دیا .. میں کیا دیکھتی ہوں کہ ایسا کرنے کے بعد میرے پاس بہت سارا وقت بچ رہا ہے جس دوران میں کچھ اور اچھے اچھے کام کر سکتی ہوں ..
    اور
    یہ بات بھی سمجھ آئی کہ
    اللہ کریم انہیں یاد رکھتا ہے جو اسے یاد رکھتے ہیں …
    اور
    مجھے یہ بھی سمجھ آ رہا ہے کہ یاد رکھنا کسے کہتے ہیں .. اور یاد رکھنے کے آداب کیا ہیں .. مجھے کہنے دیجئے کہ میں ہمیشہ سے آپ کی احسانمند رہی ہوں .. اور انشاللہ رہونگی .. دعا ہے کہ اللہ مجھے احسانمندوں میں رکھے ..آمین

  18. آپا عالم آراء … آپ کو اپنی کتاب کی رونمائی بہت بہت مبارک ہو .. مشہور افسانہ نگار طاہرہ اقبال نے میری کتاب کی پزیرائی میں لکھا تھا کہ کتاب تو ” بیٹی ” کی طرح ہوتی ہے اسے رخصتی کے وقت بستے رہنے کی دعا دیتی ہوں .. آپا آج میں آپ کی قلمی بیٹی کو ہر دل میں بستے رہنے کی دعا دیتی ہوں ..

    آپ کی تسلی میری تقویت ہے .. سلامت رہیں

  19. زائرہ بجو .. آپ بہت اچھی ہیں .. آپ سوچ نہیں سکتی کہ آپ کے ہونے سے کتنی تسلی رہتی ہے یوں لگتا ہے کہ آپ کی دعائیں ہم سب کی مشکل کے سامنے ڈھال بن جا ئیں گی .. اور یقین کریں بن بھی جاتی ہیں .. بس ہم سب کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھئے گا .. سلامت رہیں

  20. میرے اچھے بھائی اظہر .. جگ جگ جیو .. غم نہ ہوں تو خوشی کی قدر کیسے ہو .. اللہ تمہیں ہر تکلیف و رنج سے بچائے ..آمین

  21. اچھی تانیہ یہ تمہارا بڑا پن ہے تم نے دکھ کی اس گھڑی میں مجھے اور میرے گھر والوں کو ڈھارس دی .. خوش رہو خوشحال رہو ..اللہ کریم و رحیم تمہیں اور تمہارے اہل خانہ کو ہر سرد گرم سے بچائے ..آمین

  22. پیاری سائرہ
    تمہاری ہر اس وقت آمد جب مجھے تمہاری دعاؤں کی شدید ضرورت ہوتی کیوں ہو جاتی ہے .. تم یقیننا ان خوش نصیبوں میں سے ہو جنہیں زیادہ سے زیادی نیکیاں سمیٹنے کے لئے اللہ پاک چن لیتا ہے .. اچھی دوست تماہری دعاؤں کی ہر وقت ہی ضرورت رہتی ہے .. خوش رہو

  23. پیاری ثمرین

    تم آجکل اپنا خیال بلکل نہیں رکھ رہی ہو .. جب دیکھو بیمار رہتی ہو .. تمہیں لگ کر اپنا علاج کروانا چاہئے .. اچھا .. بس جلدی سے اچھی ہو جاؤ.. تمہاری دعاوں کے لئے ممنون ہوں ..جیتی رہو

  24. آصف میرے ویر جگ جگ جیو .. اللہ پاک ہم سب کے حاجی صاحب کو سلامتی و صحت عطا کرے .. ان کی خدمت میں ہم سب کا سلام کہنا اور ڈھیروں ڈھیر دعائیں ان سے لے کر ہمیں ضرور بھیجنا .. تم فکر نہ کرو ہم سب ان کے لئے دعاگو ہیں .. بس ویر اپنا خیال رکھنا .. ہم سب کو اس ملک کو تم جیسے جواں ہمت اور بہادر شیر دل بھائی اور بیٹے کی بہت ضرورت ہے .. سلامت رہو

  25. میری دلاری میری پیاری میری ہمدم میری غمگسار میری بہن شاہین .. انہیں کیا فکر ہو جن کی بہن شاہین ہو .. تم سے روز ہی سکچھ نہ کچھ سیکھتی ہوں .. تم ہمت اور صبر کی مثال ہو .. تم نیکی اور شکر گزاری کی تصویر ہو .. جب جب تمہارے بارے میں سوچتی ہوں تب تب مجھے اپنے اللہ پہ بے تحاشا پیار آتا ہے . اس کی رحمتوں پر یقین بڑھنے لگتا ہے .. اس کی عنایتوں کی شکرگزاری میں دل سجدے کرتا ہے . تمہاری صورت اس نے مجھے اپنے انعام و کرم سے نوازا ہے .. .. تم کچھ نہ بھی کہتی تو کوئی فرق نہ پڑتا کہ تمہیں دیکھ کر ہی حوصلہ آجاتا ہے ..ایک تسلی سی ساتھ ہونے لگتی ہے …
    تم نے کہا تھا کہ سجدہ شوق بارگاہ خدا اور رسول کو قلمبند کرو گی .. لیکن پیاری دوست خاموشی کیسی … سجدہ شکر و حاجت کے ساتھ اپنے قلم کے لئے وہ سحر مانگ لاؤ جس سے ہم سب کے دلوں میں اجالا پھیل جائے اور بس اس در کی لو لگ جائے … تم سوچ نہیں سکتی کس بے چینی سے انتظار کر رہی ہوں .. بس اب لکھ ڈالو ..

  26. آپی شرمندہ ہوں کہ کئی بار آپ کی اس تحریر کے بارے میں کچھ لکھا لیکن ہر بار ٹاٹ کے پیوند کو لکھ لکھ کر مٹاتا رہا۔۔۔۔اس قدر سچی تحریر پر کچھ کہنا میرے باس سے باہر ہے۔ بس اب تو ایک دھڑکا ہی لگا ہوا ہے اور یہ دھڑکا یوں ہے جیسے اک پہاڑی کی چوٹی سے تیزی کے ساتھ اتران کی طرف سفر جاری ہو۔ جانے کب پاؤں پھسلے اور اگلی باری ہماری ہی ہو؟
    استغفر اللہ ربی و اتوب الیہ۔

  27. مصباح بھائی بہت بہت شکریہ آپ نے اس تحریر کو دل سے محسوس کیا .. ..خوش رہیں ..التجا ہے اپنی دعاوں میں مجھے اور میرے گھر والوں کو ضرور یاد رکھئے گا

  28. نگہت جی
    آپ کی یہ تحریر کئی بار پڑھی۔ ایسے وقت میں اپنی کم مائیگی اور بے بسی پر رونا آتا ہے۔ میڈیکل سائینس میں بے انتہا ترقی و تحقیق کے باوجود انسان اپنے کسی پیارے کی زندگی میں کچھ لمحات کا بھی اضافہ نہیں کر سکتا۔ جب کوئی ایسی خبر سُنتی ہوں تو اپنے والد یاد آ جاتے ہیں۔ میرے والد بے حد شفیق اور مہربان تھے ۔ چھپن برس کی عمر میں ہم سے جُدا ہو گئے ۔ وہ ذیابیطس، جگر کے کینسر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ میں جب فریضہء حج کی ادائیگی کے لئے گئی تو مفتی صاھب نے مجھے کہا کہ خانہ کعبہ پر نظر ڈالتے ہی اپنے والد کی صحت یابی کے لئے دُعا کرنا۔ میں نے ایسا ہی کیا مگر حج سے واپسی کے تین ماہ بعد ہی وہ ہم سے بچھڑ گئے ۔ کئی ماہ تک میں سو نہیں سکی ۔ اُن کے انتقال کے بعد جب پہلی عید آئی تو حسب معمول اُن سے ملنے گئی کہ اُنہیں عید کی صبح صرف میرا انتظار ہوتا تھا۔ قبرستان سے روتی ہوئی گھر آ گئی امی کو ملنے نہیں گئی حوصلہ نہیں تھا۔ پتا نہیں کچھ دُعائیں قبولیت کا شرف کیوں حاصل نہیں کرتیں۔ شاید دُعا صرف انسان کی تسلی کے لئے ہوتی ہے۔ موت اور زندگی کے فیصلے تو لوح محفوظ پر رقم ہیں۔
    مجھے یاد ہے میری بڑی پھپھو جان ہمیشہ دُعا کیا کرتی تھیں کہ اُنہیں اپنے شوہر کی زندگی میں ہی موت آئے ۔ اُن کی بات مجھے سمجھ نہیں آتی تھی ۔ مگر شادی کے بعد سمجھ آئی کہ انسان کے بنائے ہوئے رشتوں میں میاں بیوی کا رشتہ ہی سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ آپکی نند کے دُکھ کا مداوا تو شاید وقت ہی کر سکتا ہے۔ اللہ اُن کی اولاد کو نیک اور فرمانبردار بنائے اور ہر آزمائش اور تکلیف سے بچائے۔
    والسلام
    زرقا

  29. ASLAMO ALEKOM Dr. sahiba ap ke bhai ke wfat ka ptha ke bohat dukh howa ALLHA PAKun ko janat min alha darjat ata krein ap ko sabre jamel ata karein AMEEN.

  30. پیاری زرقا تمہارا دکھ دل کے بہت قریب سے ہو کر گزرا .. اشکبار ہوں اور دعاگو ہوں .. یقین کرو میری بھی وہی دعا ہوتی ہے جو تمہاری بڑی پھپھو جان کی ہے .. آمین ثمہ آمین

  31. محترم طاہر بھائی آپ کی دلجوئی کے لئے ممنون ہوں .. سلامت رہیں ..آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *