تاریخی اشعار کہنے والے ”حسنی ” کو میں ایک دہائی سے جانتی ہوں ۔از“ ڈاکٹر نگہت نسیم

لکھنے والے کی اپنی قدر اس کے اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے ۔وہ چاہے تو لفظوں سے بے مقصد کھیل لے یا پھر اسے لڑیوں میں ایسے پرو دے کہ کہانی ، غزل ،نظم ہیروں جیسی دمکنے لگے اور رہتی دنیا تک اپنی قدر اپنی پہچان بنا لے ۔ جہاں تک اردو شاعری کا تعلق ہے ۔میر سے غالب تک ، پھر فیض سے فراز تک شاعروں کی ایک لمبی قطار اردو شاعری کی تاریخ مرتب کرتی نظر آتی ہے ۔ مگر آج کے دور اور اس کے تیزی سے بدلتے رویوں کے پس منظر میں سچائیوں کا پرچم اٹھائے کچھ گنے چنے سے لوگ ہیں اور ان گنے چنے لوگوں میں سید نجم سبطین حسنی کا نام سر فہرست آتا ہے ۔

جناب سید نجم سبطین حسنی سات فروری کو جھنگ کے نہایت ہی ادبی اور دینی گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم جھنگ اور فیصل آباد سے حاصل کی ۔ Doctor of Vetinary کی اعلی تعلیم فیصل آباد ایگریکلچر یونیورسٹی سے حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ جامعہ المنتظر سے خصوصی طور پر دینی علوم کی تعلیم بھی حاصل کی ۔

سن 2000 میں پاکستان سے آسٹریلیا تشریف لائے ۔ اور اردو ادب کے افق پر چھا گئے ۔ ان کے بغیر مشاعروں کی شامیں ویران لگا کرتیں ۔ ان کا مخصوص لب و لہجہ ہر مشاعرے کی ضرورت بن گیا ۔ بائیس ستمبر دو ہزار چھ میں ان کا ایک یادگار انٹرویو ریڈیو ایف ایم 100.9 پر پروگرام “ دوستی“ کے ادبی سیکشن “ بزم اردو“ کے لئے میں نے ہی کیا تھا جس کو آج بھی ہمارے سننے والے یاد کرتے ہیں ۔ ان کا پہلا مجموعہ کلام غزلوں پر مشتمل تھا ،جس کا نام “ پھر ملیں نہ ملیں “ تھا ۔ انہوں نے اس کے ساتھ ساتھ نعت مبارک ، سلام ، منقبت اور مرثیہ نگاری میں بھی اپنا ایک منفرد مقام برقرار رکھا اور گراں قدر کتابیں عطا کیں جن میں “ نجات کی جب سبیل کرنا“ ، “ لو لو مرجان “ اور “ پارہ نبوت “ جیسی کتابیں تاریخ کاحصہ بنتی نظر آتی ہیں ۔

جناب سید نجم سبطین حسنی کو میں ایک دہائی سے جانتی ہوں اور مجھے ایک دہائی سے ان کی ہمشیرہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ اس لئے میں انہیں صرف حسنی بھائی کے نام سے پکارتی ہوں ۔ جانتی ہوں کہ اگر میں حسنی بھائی کی تعریف کرونگی تو کچھ لوگ مجھے جانبدار سمجھیں گے ۔ پر یقین کیجئے حسنی بھائی جتنے خوبصورت اور تاریخی اشعار کہتے ہیں اتنے ہی کشادہ دل اور احسن اخلاق کے مالک بھی ہیں ۔ دو برس پہلے حسنی بھائی نے مجھے بڑے اصرار سے اپنے گھر ایک مشاعرے کی نظامت کرنے دعوت دی جسے میں نے دوسرے شعراء سے اپنی خفگی کی وجہ سے منع کر دیا تھا جس کا رنج مجھے آج بھی ہے ۔ اس بات پر حسنی بھائی کو ان کی بات کا مان نہ رکھنے پر مجھ سے خفا ہوجانا چاہیئے تھا ۔ ہاں وہ ضرور مجھ سے خفا ہوجاتے جو مجھ جیسے ہوتے پر ایسا کچھ نہ ہوا تھا کیونکہ حسنی بھائی ایک کردار کا نام ہے جو اپنے عمل سے درس دینے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں ۔ سو حسب منصب وہ مجھے اپنی دعاؤں اور شفقتوں میں ہمیشہ یاد رکھتے ہیں ۔ بہت محبت اور یاد دہانی سے میری بابت بھائی سید مصباح حسین جیلانی ( عالمی اخبار کے بیورو چیف برائے سڈنی اور عالمی اخبار بلاگ کے نگران ) سے دریافت فرماتے رہتے ہیں ۔ حسنی بھائی مصباح بھائی کے باپ مقام بھائی ہیں ۔

حسنی بھائی 2009 تک سڈنی میں ہی تھے ۔ آج کل کیونز لینڈ میں سکونت پذیر ہیں ۔ اور اکثر دینی اور نجی دوروں پر سڈنی آتے ہی رہتے ہیں ۔ اس بار حسنی بھائی جب آئے تو حسب معمول مصباح بھائی کے گھرہی قیام تھا ۔۔ بہت دنوں سے حسنی بھائی سے ملاقات نہیں ہوئی تھی ۔ اس بار ایسٹر کی چھٹیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میں نے اپنی خواہش کا اظہار مصباح بھائی سے کیا تو ان کے اقرار میں خوشی چھلکی پڑ رہی تھی ۔ اور جب میں نے اس بات کا زکر فون پر جناب صفدر ہمدانی سے کیا تو انہوں نے حسنی بھائی کے لئے سلام اور پیار میرے ہمراہ کرتے ہوئے ایک فرمائش بھی کر ڈالی کہ ان کے کلام کی وڈیو عالمی اخبار کے ملٹی میڈیا کے لئے ضرور بنا کر لاؤں ۔۔۔ بابا کو حسنی بھائی سے بہت محبت ہے ۔۔ان کے اشعار کی داد کھلے دل سے دیتے ہوئے اکثر کہتے ہیں کہ سید نجم سبطین حسنی اس عہد کا بہت بڑا شاعر ہے اور کئی مقام پر سب سے بڑا شاعر نظر آتا ہے ۔ اب حسنی بھائی سے ملنے کے لئے مجھے اپنے نہیں بلکہ ان کے وقت کا پاس تھا ورنہ جی میں تو یہ تھا کہ مصباح بھائی کے ہاں کوئی مشاعرہ ہی رکھ دیا جائے ۔

ہاں تو میں یہ کہہ رہی تھی کہ حسنی بھائی کی ہر بات میں ایک رمز ہوتی ہے اور رمز میں اتنی سادگی ہوتی ہے کہ بات ایسے سمجھ آتی ہے جیسے گویا یہی بات میرے دل میں تھی ۔ وہ کہتے ہیں کہ “ حسن ہمیشہ نظر میں ہوتا ہے اور نظر ہر ایک کو نصیب نہیں ہوتی “ ۔

منظر کو “ من “ اور “ نظر “ پہ منکشف کرنے کی دھن ایک سچائی کی طرح ان کی باتوں کی طرح ان کے کلام پر چھائی رہتی ہے ۔ ان کا اظہار سات سروں کو چھیڑتا ہوا گیتوں کے بادبان پر اپنی بات کہہ جاتا ہے۔ ان کے کلام کوپڑھنے کے بعد یہی کہنے کو جی چاہتا ہے کہ “ انہیں خواب دیکھنے والی آنکھوں سے محبت ہے “ ۔

جناب سید نجم سبطین حسنی اسی قبیل کے ایک معتبر فرد ہیں ۔۔۔ آپ کہتے ہیں ۔۔

دل سے معمار نے جذبات کا تیشہ لے کر
روضہ جسم کی تعمیر بدل ڈالی ہے

پہلے ملنے سے بدلتا تھا فقظ موسم ہی
اس ملاقات نے رقدیر بدل ڈالی ہے

جسکی مقروض ہیں یک عمر سے آنکھیں میری
کیوں اس خواب کی تعبیر بدل ڈالی ہے

حسنی بھائی کی شاعری کا ایک رنگ یہ بھی دیکھئے

جب سے کمیاب ہوئے لگتا ہے
آئینے اہل نسب تھے جیسے

ساتھ رہ کر بھی نہ سمجھے مجھ کو
لوگ مکہ کے عرب تھے جیسے

ان کی کتاب “ نجات کی جب سبیل کرنا “ سے انتخاب

سونے رہیں یہ آئینہ خانے کہاں تلک
تم عکس بن کے ان میں اترنے کی سوچنا

خوابوں میں اس کو دیکھنا چاہو تو ایک شب
صحرا کی چاندنی میں ٹھہرنے کی سوچنا

آنکھوں میں کوئی خواب اگے یا بھنور پڑے
اب ان پر اعتبار نہ کرنے کی سوچنا

ایک اور جگہ لکھتے ہیں

کچھ شوق بھٹکتے رہنے کا
کچھ گلیاں اس کے گاؤں سی

اس بار تمہارے خط میں ہیں
کچھ تحریریں ریکھاؤں سی

جناب سید نجم سبطین حسنی کا ایک قطعہ پڑھئے اور داد دیجئے ۔۔

شاید مرا قرینہء دستک بجا نہ تھا
ورنہ جہاں میں کس کا وہ مشکل کشا نہ تھا
پہنچا ہے اسکا نام بھی باب قبول تک
تنہا اٹھا ہوا مرا دست دعا نہ تھا

حسنی بھائی اپنے دینی دورے پر سڈنی پہنچ چکے تھے مصباح بھائی نے مجھے فون پر اطلاع دی کہ آپی اتوار کو بھائی دوپہر کے دو بجے تک گھر ہونگے اور انہیں اسی شام چار بجے واپسی کے لئے ائر پورٹ بھی جانا ہے ۔۔ میں تو کب سے اس ملاقات کی منتظر تھی ۔۔ سو چوبیس اپریل دو ہزار گیارہ بروز اتوار کو دوپہر دو بجے کا وقت مقرر ہوا ۔ آفتاب ( میرے شوہر ) کو حسنی بھائی سے بے حد محبت ہے اور ان کی شاعری بہت خوش ہو کر سنتے ہیں ۔ مجھے یاد ہے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں منعقد ہونے والے سالانہ مشاعروں میں کئی بار ہم دونوں نے صرف حسنی بھائی کی وجہ سے شرکت کی تھی ۔ سو اتوار کے روز حسنی بھائی سے ملنے کے لئے مصباح بھائی کے گھر آفتاب بھی میرے ہمراہ ہی تھے اور بخوبی اپنا کام انجام دے رہے تھے یعنی ہر موقع کی تصاویر بنا رہے تھے ۔ آفتاب کی عادت ہے وہ زیادہ تر خاموشی سے یا مسکر اکر محفل کا حصہ بنے رہتے ہیں اور اس لحاظ سے وہ اس محفل میں مکمل شریک تھے ۔ حسنی بھائی نے جب اپنا کلام سنایا تو ان کی وڈیو بھی انہوں نے ہی بنائی ۔ عالمی اخبار کی جانب سے مصباح بھائی اور میں نے خصوصا آفتاب کا پیشگی شکریہ ادا کیا۔

مصباح بھائی کا گھر بہت اپنا اپنا سا لگتا ہے ۔ بھائی اور ان کی اہلیہ آمنہ بے حد سادہ مزاج ہیں ۔ ان کی سادہ مزاجی اور محبت گھر کے درو دیوار سے لے کر گھر کے ہر فرد میں ملتی ہے ۔ حسنی بھائی سے ملنے سید عباس علوی اور ان کی اہلیہ فریدہ علوی پہلے ہی سے وہاں موجود تھے ۔ حسنی بھائی حسب روایت انتہائی محبت سے ملے اور ہر دوسرے جملے کے بعد مہمانوں کا شکریہ ادا کر رہے تھے ۔ آج کل حسنی بھائی زیادہ تر دینی کاموں کے لئے خود کووقف کر چکے ہیں جس کی وجہ سے ان کی ہر بات غیر محسوس طریقے سے اللہ کریم و رحیم کی قدرت اور حضور اقدس محمد صلی علیہ وآلہ وسلم کی شان مبارکہ سے ہوتی ہوئی مولائے کائینات حضرت علی علیہ السلام اور پھر ولیوں کی حالات زندگی اور ان کی اسلامی شعار سے ایک تسلسل سے جا ملتی ہے ۔

انہوں نے حالات حاضرہ کے تناضر میں قرانی دلائل کے ساتھ بتایا کہ انسان کو تین واقعات کبھی نہیں بھول سکتے ۔۔
1. خوشی کی شدت
2. غم کی شدت
3. انتہائی شرمندگی

اور ان سب میں خدائے پاک کی طرف سے ہمیں آئیندہ آنے والے غموں ، خوشیوں میں پرانے واقعات کے اسباب اور اسباق کو یاد رکھنے کی ہدایت پوشیدہ ہے اور شرمندگی کو یاد رکھنے سے آئیندہ شرمندگی سے بچنے کا راز چھپا ہے ۔

ملکی سیاست ، اسلام میں موسیقی ، ادبی سرگرمیاں اور بچوں کی تربیت بھی زیر بحث رہی ۔ وہی حسنی بھائی نے ایک اور نصیحت بہت ہی پرقار انداز میں بیان فرمائی کہ انسان کو اپنا محاسبہ کرتے رہنے کے لئے دو باتوں سے لازمی طور پر بچنا ہو گا ۔
1. انسان کو اپنا مرید بننا چھوڑنا ہو گا
2. انسان کو خود اپنے آپ کو معاف کرنا چھوڑنا ہو گا

ہم سب نے انہیں وضاحت طلب نظروں سے دیکھا تو حسنی بھائی مسکرا دیئے ۔ کہنے لگے کہ دیکھئے نہ انسان کی یہ فطرت ہے کہ تھوڑا سا بھی اچھا کام کر لے ۔ دونمازیں وقت پر پڑھ لیں خود کو سب سے اچھا اور نیک سمجھنے لگتا ہے ۔۔آیئنے میں اپناچہرہ دیکھتے ہوئے سوچنے لگتا ہے کہ اس کے چہرے پہ کیسا نور اتر آیا ہے اور پھر بجائے کسی ولی بزرگ کے مرید ہونے کے سب سے پہلے تو اپنا مرید خود ہو جاتا ہے ۔ اور رہی دوسری بات کہ تو سچ بات تو یہی ہے کہ انسان خسارے میں ہے ۔ وہ اپنے تئی اللہ سے پہلے ہی خود کو معاف کر دیتا ہے ۔ یعنی ستنم دیکھئے کہ غفور رحیم تو صرف اللہ کریم کی ذات ہے لیکن انسان خود کے لئے خود ہی غفور و رحیم ہو جاتا ہے ۔ سو طرح کے بہانے پر بہانے بناکر خود کو ہر گناہ سے بری الذمہ کر لیتا ہے ۔ بس اگر ہم انسان ان باتوں کی طرف تھوڑی سی بھی توجہ کر لیں تو ہماری دنیا و آخرت سنور جائے ۔

پھر آخر میں حسنی بھائی نے عالمی اخبار کے لئے خصوصی طور پر بنت رسول خاتون جنت سیدہ زہرا لسلام اللہ کی شان میں اشعار
ریکارڈ کروائے ۔جسے آفتاب نے ریکاڑد کیا

باتوں ہی باتوں میں کھانے کی میز سج چکی تھی ، جس کی سب سے اہم بات یہ تھی کہ مصباح بھائی نے گاجر کا حلوہ خود اپنے ہاتھوں سے ہم سب کے لئے بنایا تھا ۔ جو نہ صرف ہم نے وہاں کھایا بلکہ ان کی اہلیہ آمنہ نے مجھے واپسی پر تحفتا ساتھ بھی کر دیا ۔ حسنی بھائی کے ائر پورٹ جانے کا وقت ہو چلا تھا ۔۔ مصباح بھائی نے انہیں ائر پورٹ چھوڑنے جانا تھا پر وہ اتنی مصروفیت پر بھی میزبانی کے سارے فرائض کامل مہربانی سے نبھاہ رہے تھے ۔ مصباح بھائی اور ان کی اہلیہ آمنہ کا محبت بھرا اصرار کہ دوبارہ جلد آئیں اور بہت سارے وقت کے لئے آئیں دل کو سرشار کرتا رہا ۔۔۔ مصباح بھائی کی بیٹیاں فاطمہ ، فضا اور دعا جو بہت ہی پیاری اور پریاں سی ہیں ۔ وہ اپنے بابا کے ساتھ ابی جان ( حسنی بھائی ) کو چھوڑنے کی ضد کرتے ہوئے ان سے پہلے ہی گاڑی میں بیٹھ چکی تھیں ۔ اس کے ساتھ ہم نے بھی اہل خانہ سے اجازت چاہی ۔

میں عالمی اخبار کے ادارے کی جانب سے جناب سید مصباح حسین جیلانی اور ان کی اہلیہ آمنہ کا قلبی شکریہ ادا کرتی ہوں جن کی وجہ سے بین الاقوامی معروف دینی و ادبی شخصیت سید نجم سبطین حسنی سے یہ چھوٹی سے مگر یاد گار سی ملاقات ممکن ہو سکی ۔

دعا ہے اللہ کریم و رحیم ہم سب کو ہنستا بستا رکھے اور ایک دوسرے کی دعاؤں میں رکھے ۔۔آمین

نجات کی جب سبیل کرنا
حسین جیسا وکیل کرنا
( سید نجم سبطین حسنی

5 thoughts on “تاریخی اشعار کہنے والے ”حسنی ” کو میں ایک دہائی سے جانتی ہوں ۔از“ ڈاکٹر نگہت نسیم”

  1. ڈاکٹر نگہت صاحبہ نے برادرم حسنی سے جو ملاقات کروائی ہے وہ اگر چہ مختصر رہی لیکن پھر بھی میں عالمی اخبار کی انتظامیہ اور قارئین کی طرف سے برادرم حسنی کا ممنون ہوں کہ انہوں نے عالمی اخبار کو اتنا وقت دیا.شکریہ برادرم مصباح کا کہ انہوں نے اپنے در دولت پر اسکا اہتمام کیا اور ڈاکٹر نگہت کا شکریہ کہ انہوں نے اس ملاقات کا احوال ہم تک پہنچایا.

  2. اسلام و علیکم

    بہترین بہترین بہترین بہترین…

  3. جات کی جب سبیل کرنا
    حسین جیسا وکیل کرنا

    کیا بات ہے واہ واہ واہ …

    کس قدر خوبصورت اور حق پر مبنی بات ہے واہ..

    شاید مرا قرینہء دستک بجا نہ تھا
    ورنہ جہاں میں کس کا وہ مشکل کشا نہ تھا

    کیا کہنے ..

    اس بلاگ میں بہت بہت سی خوبصورت باتیں پڑھنے کو ملیں .. خدا سے دُعا ہے کہ حسنی بھائی کو اپنی امان میں رکھے الہی آمین .
    آپی آپ کا بہت بہت شکریہ …

  4. اسلام و علیکم!
    کیا مجھے حسنی صاحب کی کتاب پھر ملیں نہ مل سکتی ہے۔۔
    میں ایک عرصے سے یہ کتاب ڈھونڈ رہا ہوں۔۔ اگر کوئی بھائی پی ڈی ایف میں یہ نگینہ عطا فرما دے تو تا عمر ممنون رہوں گا یا ویسے ہی کوریئر کر دے۔ ۔
    میں سعودی عرب میں ہوں اس وقت۔۔ اگر کوئی دوست پاکستان میں یہ کتاب دے سکے۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *