ترے سخن نے کہاں سے یہ دلکشی پائی ( زرقا مفتی )

زرقا مفتی۔”مدیر ادبی دنیا و تکنیکی امور”۔عالمی اخبار کے سکوت میں بھی نغمگی موجود ہے ۔
انہی کا شعر ہے:
ترے سخن نے کہاں سے یہ دلکشی پائی
سکوت میں بھی ترے ہم نے نغمگی پائی
اور یہ بھی شعر کہ :
نظر زمانے کی اک پل میں کھا گئی اس کو
کبھی کبھار ذرا سی بھی گر خوشی پائی
زرقا مفتی صاحبہ ایک خاموشی پسند ، شہرت کی خواہش سے بے نیاز مگرپس پردہ اردو کی خدمت کرنے والی نہا یت ہی فعال ہستی ہیں جو عالمی اخبار کی ادبی دنیا کو اپنے ہاتھوں سے باغ و بہا ر بنائی ہوئی ہیں۔
ہر ایک مصنف کی کتاب کی نمایش کےساتھ ایک خوبصورت تصویر اور ہر ایک سخنور کی غزل اور نظم کےساتھ ایک مناسب تصویر جو اس غزل یا نظم کی اصل روح کی عکاسی کرتی ہے اس طرح کی تزئین اور آرائیش کے لیے زرقامفتی صاحبہ ہم سب کے شکریہ اور ہم سب کی مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

عالمی اخبار کے ادبی صفحات کی تزئین اور آرئش اور اسکے ساتھ ساتھ نہایت ہی اعلی معیاری کلام کا انتخاب اور نئے نئے ابھرتے ہوئے شعرا اور ادیبوں کی ہمت افزائی اور انکے کلام کی پذیرائی کا کام بہت ہی خوبصورتی سے زرقا مفتی صاحبہ انجام دے رہی ہیں۔

وہ ستائش کی تمنا اور صلہ کی پرواہ کیے بغیر اردو ادب کی بے لوث خدمت کررہی ہیں اور عالمی اخبار کے علاوہ سرور عالم راز سرور جیسے عظیم شاعر ( جو ٹیکسس ، امریکہ میں رہتے ہیں ) کی ادبی کوششوں اور کارناموں اور انکی ویب سائٹ پر شایع ہونے والے ایک اردو کے رسالے کی ادارت میں انکا ہاتھ بھی بٹار ہی ہیں اور طرحی اور غیر طرحی مشاعروں کی نظامت بھی کررہی ہیں ۔

زرقا مفتی صاحبہ نہ صرف جوہر شناس ہیں بلکہ خود بھی شاعری کے اعلی جوہر سے آراستہ بھی ہیں۔
انکی خاموش طبیعت شاید یہ گوارا نہیں کرتی کہ وہ اپنی غزلوں میں یا نظموں میں اپنا تخلص یا اپنا نام استعمال کر یں ۔ اس کی تصدیق انکے کلام کے مطالعہ سے ہوجاتی ہے جو عالمی اخبار کی شاعری کے سیکشن میں سب کے پڑھنے کے لیے موجود ہے ۔

اسی کلام سے یہ چند منتخب اشعار حاضر ہیں :
مری آرزو رہی بے ثمر، میں نے حسرتوں کو جلا دیا
جو ملا تھامجھ کو نصیب سے اسے میں نے خود ہی گنوادیا
۔۔
وہ جو رشتے دل کے قریب تھے وہی آج ہم سے بگڑ گئے
جو چھپی تھیں دل میں کدورتیں انہیں فاصلوں نے بڑھا دیا
۔۔۔
محبت جی نہں سکتی
کس ٹوٹے ہوئے دل میں
کسی بنجر سی کھیتی میں
کسی بے آب صحرا میں
کسی ویران گلشن میں
محبت مر ہی جائے گی
۔۔۔۔
عیش دنیا کے سب میسر ہیں
پر سکوں ہی نہیں مکانو ں میں
۔۔
جھوٹ ہی تھا تر بیانوں میں
میں بہلتی ہی رہی بہانوں میں
۔۔۔
دنیا کو ملا چین مجھے رنج ملا ہے
ہر اشکِ تمنا کا لہو رنگ ہو ا ہے
۔۔۔۔
اب بوجھ زندگی کا اٹھائیں گے کب تلک
اب دار پہ جبیں کو جھکا دینا چاہیے
۔۔۔
شرطیں ترے اصول ترے مان کر سبھی
میں موم کی طرح ترے سانچے میں ڈھل گئی
۔۔۔
نظر زمانے کی اک پل میں کھا گئی اس کو
کبھی کبھار ذرا سی بھی گر ‌خوشی پائی
۔۔
چمن میں سوگ ہے کس کا ؟ کہ اس دفعہ ہم نے
بہار میں بھی خزا ں کی سی ابتری پائی
۔۔۔۔
آلام کی کثرت کا گلہ جب بھی کیا ہے
اعمال کے نامے میں ہوئی درج خطا ہے
۔۔۔۔
اور یہ دو اشعار :
حنا کا رنگ ہتھیلی سےتو جد ا نہ ہوا
وہ میرے ساتھ رہا پر کبھی مر ا نہ ہوا
۔۔۔
خزاں نصیب رہے ہم گلوں کی رت میں بھی
بہار آئی پر اپنا چمن ہرا نہ ہوا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
زرقا مفتی صاحبہ کے اتنے اچھے اشعار سن کر قاریین یہ جاننا چاہیں گے کہ زرقا مفتی صاحبہ کا مختصر سا تعارف بھی انکے سامنے پیش کردیا جائے۔ اس کے لیے میں عالمی اخبار کی ” ہم سے ملیے ” سیکشن میں دی ہوئ مندرجہ ذیل تحریر پیش کررہا ہوں :

زرقا مفتی پاکستان کے شہر دل ”لاہور” میں مقیم ہیں اور اعلیٰ ادبی ذوق کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کے زیور سے بھی آراستہ ہیں۔
معاشیات میں ماسٹرز ، بین الاقوامی تعلقات اور کمپیوٹر سائنس میں پوسٹ گریجویشن کر رکھی ہے۔کچھ عرصہ ایک کنسلٹینسی پر سسٹم اینالسٹ کی حیثیت سے کام کیا لیکن ۔پھر خود کو گھر داری کے محاذ پر ہی محدود کر لیا لیکن اسکا مطلب یہ نہیں کہ انہوں نے علمی اور ادبی سرگرمیوں کو خیر باد کہہ دیا بلکہ امور خانہ داری کے بعد جو انکا ذاتی وقت بچا اسے انہوں نے اپنے ادبی اور تخلیقی ذوق کی تسکین کے لیئے استعمال کیا۔
بقول خود زرقا مفتی کے کہ ”پڑھنے لکھنے کا شوق شروع سے ہے۔ ادب سے ایک قاری کی حیثیت سے تعلق بہت پُرانا ہے۔ زمانہءطالبعلمی سے ہی لکھنے کا شوق تھا ۔ ادھر اُدھر لکھ کر چھپا کر رکھ لیتی تھی۔ اپنی خاموش طبیعت کے باعث یہ سب کسی سے شئیر نہ کیا۔ کمپیوٹر سے دلچسپی تھی اس لئے انٹر نیٹ کی ادبی دُنیا میں قدم رکھا۔ پچھلے کچھ برسوں سے مختلف ادبی فورمز پر لکھتی آ رہی ہوںشاعری کے علاوہ کہانیاں بھی لکھتی ہوں۔ اس کے علاوہ ملکی حالت پر کالم لکھنے کا سلسلہ کچھ عرصے سے جاری ہے۔ اُردو انجمن کے کچھ صفحات ڈیزائن کئے اس کے بعد امجد اسلام امجد صاحب کی سایٹ ڈیزائن کی”۔
زرقا مفتی ہمہ جہت شخصیت کی مالک ہیں اور ”عالمی اخبار” کے عملے میں انکی ”مدیر ادبی دنیا و تکنیکی امور” کی حیثیت میں شمولیت بے شک اخبار کے ادبی ذوق اور معیار کو بلند کرے گی۔
ادارہ”عالمی اخبار” خاص طور پر زرقا مفتی کا ممنون ہے کہ انہوں نے ہمارے اس قافلے میں نہ صرف شرکت کی حامی بھری بلکہ اپنے تکنیکی اور تخلیقی تعاون سے ہمیں احسان مند کیا۔
عالمی اخبار کا بلاگ سیکشن تنہا انہیں کی محنت کا منہہ بولتا ثبوت ہے اور اسکے علاوہ ”عالمی اخبار” کی تمام تکنیکی تیاری میں محترم امجد شیخ کے ہمراہ انکی مساعی قابل تعریف ہیں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس تعارف کےبعد ، میں یہ بلاگ نہایت ہی ادب اور نیک نیتی سے اسی طرح پیش کررہا ہوں جس نیک نیتی سےمیں نے دوسرے بلاگ پیش کیے ۔ سلیم سید صاحب کی شاعری اور انکے ادبی کارناموں پر مشتمل بلاگ بھی کل ہی اسی نیک نیتی سے شروع کیا ہوں تاکہ عالمی اخبار کے شیدائیوں کو یہ معلوم ہوجائے کہ اس کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے صفدر ھمدانی صاحب اور ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے اپنے کاروانِ علم وادب میں کن اردو نواز ہستیوں کو شامل کرلیا ہے ۔
۔۔۔۔۔
امید کہ زرقامفتی صاحبہ اور انکے کلام کے دلدادہ دانشور اس بلاگ میں حصہ لینگے اور اپنے تبصروں سے اس بلاگ کی افادیت میں اضافہ کرینگے۔
۔۔۔۔
فقط:
عالمی اخبار کابلا گ نگار
منظور قاضی از جرمنی

30 thoughts on “ترے سخن نے کہاں سے یہ دلکشی پائی ( زرقا مفتی )”

  1. ھماری یہ خوش قسمتی ھے زرقا ھماری ٹیم کا سب سے زیادہ فعال اور درخشان ستارہ ھے ۔ میں زرقا کی اس وقت سے معترف ھوں جب سے ان کی تحریریں پڑھی ھیں اورجب سے ان سے فون پر بات ھوئی ھے ۔ زرقا کے خلوص ، محبت اور پاسداری کی مجھے کوئی مثال نہیں ملتی۔ میں آپ سب کو یہ بھی بتاتی چلوں کہ زرقا ھمارے کارواں میں شامل ھونے والی پہلی خاتون رکن بھی ھیں جس پر ھم جتنا مان کریں کم ھے ۔ میرے لیئے اس بھی بڑا ایک اعزاز ھے کہ میری کتاب “مٹی کاسفر” پر پہلا تبصرہ زرقا مفتی نے ھی کیا تھا جو عین میری خواہش اور خوش قسمتی تھا ۔

  2. دلی مبارکباد اور انتہائی پر خلوص دعائیں۔
    ۔
    گذشتہ کسی بلاگ میں آپ کے ایک جملے پر نظر پڑی تھی، پھر نظر اس پر رکی تھی، پھر وہ جملہ میرے دل پر نقش ھو گیا تھا ، کیوں کہ میرے اپنے دل کی آواز کا بھی ترجمان تھا۔ وہ جملہ تھا ؛
    ۔
    “ھم ان لوگوں میں سے ھیں جو وقت سے پہلے بوڑھے ھو جاتے ھیں اس لئے صرف سنجیدہ گفتگو میں ھی حصہ لے سکتے ھیں۔”
    ۔
    یہ ھے آج کی باشعور، خود شناس، خود اعتماد، خود مختار،بیباک ( بہت اچھے معنوں میں ) ، حقیقی آزاد اور اکیسویں صدی کی ترقی یافتہ مشرقی عورت جس پر مغرب بھی چاھے تو رشک کرے۔ ۔ ۔ مخلص پنہاںؔ

  3. جو انکا کلام میں نے پڑہا ہے اس پر مجھ جیسا مبتدی اگر تبصرہ کرناچاہے تو ایسے ہی ہے جیسے سورج کو چراغ دکھانا. لیکن اس بلاگ میں تبصرہ نہ کرنا بھی غلط محسوس ہو رہا ہے. اس لیئے حاضری لگوانا چاہتا ہوں. انکے کلام میں ہر ایک شعر اپنا الگ پیغام لیئے مظبوطی سے قدم جمائے کھڑا ہے. اور خود اپنی تفسیر کر رہا ہوتا ہے.

  4. ہم سب کو زرقا مفتی پر ناز ہے۔جب ہم نے زخم کھانے کے بعد عالمی اخبار کے سفر کا قصد ہی کیا تو ڈاکٹر نگہت نسیم کے بعد زرقا مفتی پہلی خاتون تھیں جنہوں نے کسی مفاد اور شرط کے بنا اس قافلے میں شرکت کی اور ہماری ہر قسم کی مدد کی۔ اس بلاگ کی تکنیکی تشکیل میں بھی انکا بہت کام شامل ہے اور وہ پہلے دن سے پورا ادبی شعبہ سنبھالے ہوئے ہیں اور کسی تردد اور مشکل کے بغیر اپنا کام ایک ہزار فیصد درست طریقے سے کر رہی ہیں۔ ابھی سفر پاکستان کے دوران مجھے ان سے اور انکے شوہر محترم سے پہلی بار بالمشافہ ملاقات کا شرف ملا اور انکو انکی تحریر سے زیادہ خوبصورت اور جاندار پایا۔ انکی شاعری اور افسانہ نگاری پر کبھی دل کھول کر لکھوں گا کہ ایسی لکھاری کے لیئے چند فقرے لکھنا زیادتی ہے۔

  5. سلام علیکم
    ز ر قا مفتی صاحبہ اور محترمہ پنہاں صاحبہ کا کلام مجھ ایسے نو مشق کے لیےء درسگاہ کا دریجہ رکھتا ہے
    اس بلاگ کے کیےء جناب منظور قاضی صاحب کا شکریہ
    عظمی’

  6. قبل اس کے کہ زرقا مفتی صاحبہ اس بلاگ میں کچھ تحریر فرمائیں ، انکی غزل پیش خدمت ہے:

    مری آرزو رہی بے ثمر، میں نے حسرتوں کو جلا دیا
    جو ملا تھا مجھ کو نصیب سے اسے میں خود ہی گنوادیا

    چلی جس طرف تھیں رکاوٹیں، ہیں بہت کٹھن یہ مسافتیں
    ہیں قدم قدم نئے امتحاں ، مجھے زندگی نے تھکا دیا

    ،رے دل کے تو ہی قریب تھا، ترے غم بھی مجھ کو عزیز تھے
    تری ہمرہی کے غرور میں، میں نے اس جہاں‌کو بھلا دیا

    میں نے دیکھے خواب ادھار کے، جو ترے وجود پہ بار تھے
    بڑی سہل تھی تری زندگی، اسے کیوں عذاب بنادیا

    دلِ مضطرب کو تلاش تھی، تری چاہتوں کی پیاس تھی
    تونے ہاتھ مجھ سےچھڑا لیا ، مرے ہر بھرم کو مٹا دیا

    وہ جو رشتے دل کے قریب تھے وہی آج ہم سے بگڑ گئے
    جو چھپی تھیں دل میں کدورتیں، انہیں فاصلو ں نے بڑھادیا

    کہیں ظلم کی ہے زیادتی ، کہیں خوف اور ہراس ہے
    یہ محبتوں کی زمین تھی اسے کارزار بنا دیا
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    زرقا مفتی صاحبہ سے التماس ہے کہ میر ی کمپوزنگ کی غلطیوں کو معاف کرتے ہوے ان کی تصحیح کردیں۔
    فقط؛
    منظور قاضی از جرمنی

  7. ضروری تصحیح :
    اوپر کے تبصرےمیں زرقا مفتی صاحبہ کی غزل کے پہلے شعر کے دوسرے مصرعہ میں : اسے میں ” نے ” خود ہی گنوادیا ، پڑھیے ۔
    ۔۔۔۔۔
    اس ہی غزل کے دوسرے شعر کا پہلا لفظ : شاید میں نے غلطی سے ” چلی ” لکھدیا ہے ۔ ( زرقامفتی صاحبہ کی غزل جو شاعری کے سیکشن میں موجود ہے اس کی اردو فانٹ پڑھنےمیں مجھے دقت محسوس ہورہی ہے ) ۔ زرقا مفتی صاحبہ ہی اس لفظ کی کتابت کو صحیح یا غلط کہ سکتی ہیں اور اگر یہ غلط ہے تو اسکو درست کرسکتی ہیں۔
    ۔۔۔۔۔۔۔

  8. سلام علیکم
    زرقا مفتی صاحبہ کے کچھ ا شعار میرے تبصری سے گزرے ہیں وہ چا ہیں تو اپنے کلام کے اندراج کے حصہ میں دیکھ سکتی ہیں
    از شاہ نور قادری

  9. سلام علیکم

    میں نے دیکھے خواب ادھار کے، جو ترے وجود پہ بار تھے
    بڑی سہل تھی تری زندگی، اسے کیوں عذاب بنادیا

    یہ مری زندگی ہے یا کہ تری زندگی ہے

    تری زبگی ہے تو شعر مبھم ہے
    از شاہ نور قادری

  10. میں نے خواب دیکھے ادھار کے جو ترے وجود پہ بار تھے
    زیادہ رواں ہے
    از قادری

  11. محترم قاضی صاحب
    السلام علیکم
    آپ کی اعلیٰ ظرفی ہے کہ میری شاعری کے لیے بلاگ شروع کیا
    سچ تو یہ ہے کہ میں ابھی تک اپنی شاعری سے مطمئن نہیں
    اس لیے تعریفی کلمات سے کچھ شرمسار بھی ہو جاتی ہوں
    اب صرف یہی کہہ سکتی ہوں کہ آپ کی ذرہ نوازی ہے ورنہ میں کیا اور میرا فن کیا
    والسلام
    زرقا

  12. نگہت جی
    آپ کی محبت کی میں مقروض ٹھہری
    خوش رہیئے
    والسلام
    زرقا

  13. ڈاکٹر پنہاں صاحبہ
    آپ کی دعائوں اور پُر خلوص کلما ت کے لیے بہت شکریہ
    آپ کی اس بلاگ میں شرکت سے میری عزت افزائی ہوئی ہے
    خوش رہئے
    والسلام
    زرقا

  14. عمران صاحب
    آپ کی تشریف آوری کے لیے شکریہ
    والسلام
    زرقا

  15. ” بھٹک رہے تھے خود تیری پیروی میں ہم
    جنوں کی راہ چلے ہیں‌، تو آگہی پائی ”

    جنوں کی راہ میں چل کر آگہی پانے والی شاعرہ کوئی معمولی شاعرہ نہیں ہوتی ۔

    زرقا مفتی صاحبہ : آپ خواہ کتنی ہی انکساری سے کام لیں اردو شاعری کی دنیا میں آپ کا نام بھی صف اول کے سخنوروں میں آئے گا۔
    یہ میرے دل کی آواز ہے ۔
    ۔۔۔
    مجھے اس بات پر شرمندگی اور افسوس ہے کہ میں نے یہ بلاگ اتنی دیر میں کیو ں شروع کیا۔
    ۔۔۔۔۔۔
    خواتین شعرا میں پنہاں صاحبہ کے بعد آپ کی ، نگہت نسیم صاحبہ کی ، سائرہ بتول صاحبہ کی اور اب ابھرتی ہوئی شاعرہ عظمی محمود صاحبہ کی شاعری میرے دل ودماغ کو متاثر کرتی رہتی ہے۔ میرے خیال میں ماریہ علی صاحبہ بھی اچھی شاعری کی تخلیق کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔
    انہی چند خواتین شاعرات کے دم قدم سے عالمی اخبا ر میں رونق لگی رہتی ہے۔ ( یہ میرا اپنا خیال ہے )
    ۔۔۔۔۔۔۔
    زرقا مفتی صاحبہ اس بلاگ کو اپنا بلاگ سمجھ کر اپنا کلام عطا کرتی رہیں تو اس بلاگ کی افادیت اور اہمیت میں اضافہ ہوجاےگا
    فقط :
    منظور قاضی میونخ کے ایک قریبی گاوں سے

  16. اوپر کے تبصرےکے شروع میں جو شعر ہے وہ زرقا مفتی صاحبہ کا ہے

  17. محترم ھمدانی صاحب
    ہم آپ کے بے حد ممنون ہیں کہ آپ نے اپنی گوناگوں مصروفیات سے وقت نکال کرہمارے غریب خانے کو رونق بخشی۔ مزید یہ کہ ماہ پارہ بھابھی بھی ساتھ تشریف لائیں۔ وہ بہت شائستہ اور خوش خلق خاتون ہیں
    اللہ آپ دونوں کو ہمیشہ خوش رکھے
    آپ کی قدر افزائی کے لیے ممنون ہوں
    والسلام
    زرقا

  18. قادری صاحب
    اس بلاگ پر آپ کی تشریف آوری کے لیے ممنون ہوں
    آج لاہور میں بم دھماکے سے ڈپریشن کا شکار رہی
    نگہت جی کے توجہ دلانے پر کچھ جوابات لکھ سکی ہوں
    شاعری پ آپ کا تبصرہ انشاللہ کل دیکھوں گی
    والسلام
    زرقا

  19. زرقامفتی صاحبہ کی نظم ” ان ڈور پلانٹ ” سے اقتباس:
    میں کسی سرمائی پودے کی طرح
    کب سے رہتی ہوں ترے سائے تلے
    ۔۔۔۔۔۔۔
    اپنے سائے کو ہٹا لے اب ذرا
    پھول کی خوشبو کو دل میں بھرنے دے
    اک نظر میں آسماں کو چھونے دے
    چاند تاروں سے دو باتیں کرنے دے
    آخری سانسیں ہو ا میں لینے دے
    اے ستم گر اب مجھے آزاد کر
    ۔۔۔۔
    ۔ پوری نظم پڑھنے کی جستجو بڑھانے کے لیے یہ اقتباس حاضر ہے۔
    پوری نظم عالمی اخبار کی شاعری کے سیکشن میں پڑھی جاسکتی ہے۔
    فقط :
    منظور قاضی از جرمنی

  20. ًمحترمہ زرقا مفتی صاحبہ
    سلام علیکم
    الللہ تعالی’ آپ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے
    ان حالات میں سوا ییےء آپ سب کے لییےء دعاگو ہونے کے ہم سب کیا کرسکتے ہیں
    محترمہ پنہاں نی کیا خوب فرمایا
    کاش جینے کا سلیقہ بھی انہیں آجاتا
    خود کو مرنے پہ جو تیار لئے پھرتے ھیں
    آمین
    عظمی’ محمود

  21. عظمیٰ جی
    معزرت خواہ ہوں کہ کل آپ کے پیغام کا جواب نہیں دے پا ئی
    آپ کی غزل پڑھی
    ماشااللہ اچھا لکھتی ہیں
    اخبار کے ادبی صفحے کے لیے آپ کے کلام کا انتظار ہے
    یہاں یہ ذکر کرتی چلوں کہ ہم تمام نئے لکھنے والوں کی تخلیقات کو بلا تخصیص اخبار کے ادبی سیکشن میں جگہ دیتے ہیں
    لکھنے والوں کے تعاون سے ہی اس سیکشن کی رونق برقرار ہے
    والسلام
    زرقا

  22. محترم قاضی صاحب
    اخبار کے بلاگ کو فعال رکھنے میں آپ کی مساعی قابلِ قدر ہیں

    بھٹک رہے تھے خرد تیری پیروی میں ہم
    جنوں کی راہ چلے ہیں‌، تو آگہی پائی ”

    اخبار کے ادبی سیکشن سے کسی بھی شاعر کا کلام آپ کاپی کر سکتے ہیں

    اسکو دوبارہ ٹا ئپ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی
    والسلام
    زرقا

  23. زرقامفتی صاحبہ نے میر ی کتابت کی تصحیح کی اور جس لفظ کو میں ” خود” کمپوز کیا وہ اصل میں ” خرد ” ہے ۔ ( امید کہ قا ریین اس غلطی کو درست کرلینگے۔ میں اس کو ایڈیٹنگ کے ذریعہ درست کردیتا مگر اسکا مجھے اختیار نہیں )
    زرقا مفتی صاحبہ سے میں‌اپنی کمپوزنگ کی معافی چاہتا ہوں:
    بھٹک رہے تھے خِرد تیری پیروی میں ہم
    جنوں کی راہ چلے ہیں ، تو آگہی پائی
    ۔۔۔
    آیندہ میں کاپی اور پیسٹ سے شاعروں کے کلام کو شاعری کے سیکشن سے ان تبصروں میں منتقل کر ونگا ۔۔
    زرقا مفتی صاحبہ کے مشورہ کا شکریہ۔

    فقط :
    منظور قاضی از جرمنی

  24. زرقا مفتی صاحبہ
    ۔
    بھٹک رھے تھے خرد تیری پیروی میں ھم
    جنوں کی راہ چلے ھیں تو آگہی پائی
    ۔
    اس شعر پر مبارک باد قبول فرمائیے۔ ۔ ۔ پنہاںؔ

  25. زرقامفتی صاحبہ نے “‌نئے لکھنے والو ں” کی ہمت افزائی کے لیے یہ بہت ہی اچھی بات اوپر اپنے تبصرے میں کہی ہے:
    ” یہا ں یہ ذکر کرتی چلوں کہ ہم تما م نئے لکھنے والوں کی تخلیقات کو بلا تخصیص اخبار کے ادبی سیکشن میں جگہ دیتے ہیں”

    اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے یہ بھی فرمایا کہ ” لکھنے والوں کے تعاون سے ہی اس سیکشن کی رونق برقرار ہے ”
    زرقا مفتی صاحبہ کی اس ہمت افزائی پر ہر ایک سخنور ( لکھار ی) کو خوش ہونا چاہیے۔
    میرے خیال میں مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات اس سلسلے میں نئے لکھنے والوں کی مدد کرسکتے ہیں:
    1۔ لکھنے والوں کی تخلیقات کو کس ای میل کے پتہ پر بھیجا جایے ( وصول کرنے والی عالمی اخبار کی شخصیت کا نام اور ای میل کا پتہ ) سے مطلع کرنا ضروری ہے؟
    2۔ اردو کی کس فانٹ ( یونی کوڈ ) سے یا ان پیج ہوم سے یا پھر ہاتھ سے لکھکر بھیجا جائے۔
    3۔ اگر ای میل کے پتہ پر نہیں تو کیا اپنا اپنا کلام بذریعہ فیکس بھیجا جاسکتا ہے ؟ اگر جواب مثبت میں ہے تو فیکس کا نمبر کیا ہے؟ اور کس کے نام پر بھیجا جائے؟
    ۔۔۔۔۔۔۔
    امید کہ زرقا مفتی صاحبہ یا عالمی اخبار کی انتظامیہ کا کوئی ممبر ان سوالات کے جوا بات اس بلاگ میں شامل کردے گا۔
    ۔۔۔۔
    بہر حال خوش اور مطمئن :
    منظور قاضی از جرمنی

  26. صرف ایک خیال پیش کرتا ہوں ( خدا کےلیے اسکا کوئی غلط مطلب نہ نکا لا جائے ):
    اقبا ل نےکہا کہ :

    خرد کی گتھیاں سلجھا چکا میں
    مرےمولا مجھے صاحب جنو ں کر
    علامہ اقبا ل خرد کی گتھیاں سلجھا کر ” صاحب جنوں ” بننے کی خواہش اور دعا کر تے رہے مگر زرقا مفتی صاحبہ نے خرد کی پیروی میں بھٹکنے کے بعد ” جنوں کی راہ میں” چل کر ” آگہی ” پا لی ہے :

    زرقا مفتی صاحبہ کا شعر :
    بھٹک رہے تھے خرد تیری پیروی میں ہم
    جنوں کی راہ چلے ہیں تو آگہی پائی

    ماشا اللہ زرقا مفتی صاحبہ : آپ کا شعر اپنی نوعیت کا بہت ہی عمدہ شعر ہے ۔ مرحبا ، سبحان اللہ
    فقط :
    اچھی شاعری کا دلدادہ
    منظور قاضی از جرمنی

  27. امید کرتاہوں کہ زرقامفتی صاحبہ یا عالمی اخبا ر کی انتظامیہ میرے اس بلاگ کے 28 مئی کے تبصرے میں لکھے ہوئے سوالات کے جوابات دے گی تاکہ تمام سخنوروں کو اس کا علم ہوجائے کہ انکا کلام عالمی اخبار کی ” شاعری ” کے سیکشن میں کس طرح منتقل کیا جاسکتا ہے ۔

    تکلیف کی معافی چاہتا ہوں:
    منظور قاضی از جرمنی

  28. سلام علیکم حضرات
    زرقا مفتی صاحبہ کی شاعری بے داغ ھے اور آج کل کے دور کی نسوانی شاعری میں ممتاز ھے
    اس علمی اخبار کو مبارکباد جس نے ھم قارعئن کو زرقا مفتی، عظمی’ محمود، اور محترمہ پنھاں جیسی اعلی قدر شاعرات کو پڑھنے کا موقع فراھم کیا اس سلسلے میں یھاں قاضی منظور صاحب بھی مبارکباد کے مستحق ہیں
    خیر اندیش
    شاہ نور قادری

  29. شکریہ شاہ نور قادری صاحب :
    زندگی تو اب تک بخیر ہے ، خدا سے دعا ہے کہ خاتمہ بھی بخیر ہو اور عاقبت بھی بخیر ہو
    ۔۔۔۔۔
    جس نیک نیتی کے ساتھ اچھے خاصے بلاگ شروع ہوتے ہیں اگر وہ کسی کی بد نیتی کا شکار نہ ہوجائیں تو بلاگ کے موضوع کا تقدس برقرار رہتا ہے ورنہ بھول بھلیاں میں گم ہوجاتا ہے۔ ( اسی بات کو میں اپنے ہر بلا گ میں صاف صاف لکھتا رہتا ہوں )
    ۔۔۔۔۔۔۔
    چونکہ یہ بلاگ ختم ہوچکا ہے ا س لیےاس بلاگ میں ہمارے مثبت تبصرے نہ بھی شایع ہوں تو غم نہیں۔
    ۔۔۔۔۔

  30. میری زرقا مفتی صاحبہ سے درخواست ہے کہ وہ میرے 28 مئی کے تبصرے میں لکھے ہوئے سوالات کے جوابات دیں تاکہ تمام شعرا آپ کے جواب سے فایدہ اٹھا کر اپنا اپنا کلام عالمی اخبار کے ‘شاعری ” کے سیکشن میں منتقل کرسکیں۔
    اگر زرقا مفتی صاحبہ بے حد مصروف ہیں تو عالمی اخبار کی انتظامیہ میرے آسان سے سوالات ( جو میرے 28 مئی کے تبصرے میں ہیں ) انکا جواب دے سکتی ہے ۔ مہربانی ہوگی اور نئے اور پرانے سخنوروں پر احسان ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *