عروش کے سوالات جواب چاہتے ہیں

لاہور ریڈیو سے منسلک میری بہت ہی عزیز شاگرد نزاکت جاوید کی معصوم سی بیٹی نے آج مجھے ایک خط لکھا ہے جسے میں آپ سب دوستوں کی خدمت میں پیش کر رہاہوں کہ جس ملک اور معاشرے میں اب سکولوں کے بچے اس طرح سوچ رہے ہوں گے وہاں کی اگلی نسل کس ذہنی اور فکری جہت سے پروان چڑھے گی۔عروش بیٹی کا مکمل خط کسی بھی کتر بیونت کے بغیر۔۔۔۔ عروش نے لکھا ہے۔۔۔۔۔۔
کبھی کبھی دل میں سوال آتے ہیں لیکن انکا جواب دینے والا کوئی نہیں کیونکہ شاید یہ مسلہ ہی کچھ ایسا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طرف ہمارے ملک کی فوج ہے اور دوسری طرف وہ دہشت گرد۔۔۔انہیں دہشت گرد کہنے سے پہلے مجھے سوچنا پڑتا ہے کیونکہ انکا کہنا ہے کہ وہ مسلمان ہیں اور جو درست اسلام انکی نظر میں ہے اسے نافذ کرنا چاہتے ہیں۔وہ خود کو ہمارا مسلمان بھائی کہتے ہیں۔ لیکن یہ کیسے بھائی ہیں جو اپنے ہی بھائیوں کا خون بہا رہے ہیں، اپنے ہی گھر کو آگ لگا رہے ہیں،اپنے ہی سکولوں کو جلا رہے ہیں۔ اگر وہ دین محمدی والے مسلمان ہوتے تو ایسے کام کرنے سے پہلے ان کے دل تو کانپتے۔لیکن انکے سینے میں شاید دل ہی نہیں۔یہ تو اسلام کے نام پر دہشت پھیلانا چاہتے ہیں،اسلام کو دنیا بھر میں بدنام کرتے ہیں اور انسانوں کی دنیا تباہ کر کے حیوانوں سے بدتر دنیا بسانا چاہتے ہیں۔جو کچھ یہ کرتے ہیں اسلام اسکی تعلیم تو نہیں دیتا۔ اسلام تو محبت اور امن کا دین ہے۔ انکو دیکھ کر کبھی کبھی سوچتی ہوں کہ جو کچھ والدین نے اسلام کے بارے میں بتایا اور جو کچھ کتابوں میں پڑھا کیا وہ سب غلط ہے؟ اپنے ملک کے حاکموں کے پاس ہم بچوں کی بات سننے کا کوئی وقت ہے ہی نہیں ۔اسی لیئے سوچا کہ آپ لوگوں کو لکھوں کہ کیا کوئی میرے ان سوالوں کے جواب دے گا۔
کیا اس ملک سے دہشت گردی ختم ہو جائے گی؟
کیا ہم سب ایک بار پھر ہنسی خوشی سے ایک ساتھ وقت گزار پائیں گے؟
کیا ہم سب ایک ہیں؟
کیا اپنے ملک میں کبھی تبدیلی آئے گی؟
کیا کوئی مجھے میرے ان سوالوں کے جواب دے گا۔

22 thoughts on “عروش کے سوالات جواب چاہتے ہیں”

  1. عروش بیٹی : دلی دعائیں اور نیک تمنائیں
    تم نے جو چا ر سوالات پوچھے ہیں ان میں سے پہلے دو سوالوں کے جوابات ” نہیں ” میں ہیں ،

    تیسرے سوال کا جواب ” ہاں ” میں ہے بشرطیکہ پہلے دو سوالوں کے جوابات بھی ” ہاں ” میں بدل جائیں۔ ( جس کا امکان نہیں اس لیے کہ ” ” شرار بولہبی ازل سے آج تک چراغ مطفوی سے ستیز ہ کار ( لڑتا ) لڑتا رہا ہے اور لڑ تا رہے گا ” ” ۔ اور ” اللہ اس قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک کہ قوم کو خود اپنی حالت کے بدلنے کا خیال نہیں ہوتا ” )

    تمھارے آخری سوال کا غیر تشفی بخش جواب دینے پر اپنی آنکھوں میں آنسو لاتے ہوئے تم سے معافی چاہتا ہوں۔

    اللہ تمھاری تقدیر اچھی کرے اور تمھیں پاکستان کی خوشیاں دیکھنا نصیب کرے ۔ آمین
    ۔۔۔۔
    دعا گو :
    منظور قاضی از جرمنی

  2. عروش مجھے یہ تونہیں معلوم کہ آپ کی عمر کیاہے اورکونسی کلاس میں‌پڑھتی ہیں؟ لیکن مجھے اتناضروری معلوم ہے کہ آپ ان کروڑوں بچوںسے بالکل بھی مختلف نہیں سوچ رہیں جن کے کاندھوںپرہمارے مستقبل کابوجھ ہے۔میںاپنے دوستوں سے اورخصوصا ہمدانی سے صاحب سے بھی یہ بات کرچکا ہوں‌کہ ہم اپنے بچوں کوکیادے رہے ہیں‌،اور ہمیں کسی نے کیادیاہے؟؟ ،
    میں‌سوچتاہوں‌کہ میرے کاندھوںپرسیکڑوں نسلوںکے خوابوں کا بوجھ ہے ، میں ان خوابوں کے بوجھ کوکم کرنے کی کوشش کررہاہوں، میری طرح‌میری نسل کے سارے لوگوں کوورثے میں‌خواب ملے ہیں‌، ادھورے خواب، نامکمل خواب اوربہت سے خواب توایسے ہیں‌جن کی تعبیرکی ابتداتک نہیں‌ہوئی ، اب امن کے خواب کوہی لے لیں، امن ہم نے پڑھاہے دیکھانہیں، خوشحالی ہم نے پڑھی ہے ، دیکھی نہیں‌، صحت مند معاشرہ ہم نے پڑھاہے ، دیکھانہیں، علم کی روشنی ہم نے پڑھی ہے دیکھی نہیں ۔یہ وہ خواب ہیں جن کی طرف سفرکاآغازتک نہ ہوا۔
    اختلاف ہوسکتاہے بے شمار لوگوںکومیری سوچ سے ۔ لیکن شایددلیل نہ ہوان کے پاس۔ اگرہے تومیں‌چاہوںگاکہ وہ سامنے لائیں۔ لیکن یہ یاد رہے کہ دلیل انفرادی نہیں‌اجتماعی ہونی چاہیے ، ایک فرد کی نہیں‌قوم کی بات ہو، ایک فرد کے خواب کی بات نہیں‌سیکڑوںنسلوںکے خوابوںکی بات ہو۔ پھردلیل قابل قبول ہوگی۔ معذرت کہ میں‌آپ کی بات سے دورہوتاجارہاہے،۔۔۔۔واپس آتاہوں،۔۔۔۔ تومیں‌آپ کوبتائوں‌کہ میں اکثریہ سوچتاہوں کہ نئی نسل کوکچھ اچھادینے کی روایت ہمارے ہاں‌کبھی رہی ہی نہیں۔ میرے اجداد نے مجھے کیادیا۔ ان کے اجداد نے انہیں کیادیا، اورپھر ان کے اجداد نے انہیں کیادیا، اسی طرح ہم آپ کوکیادے رہے ہیں‌اوریہ سلسلہ مجھے رکتانظرنہیں آتاکیونکہ مجھے مایوس کن حدتک یقین ہے کہ شاید آپ بھی اپنی نسلوں‌کوکچھ نہیںدے پائیں گی۔آپ یہ مت سمجھیے گاکہ میں‌مایوسی پھیلارہاہوں،یامایوسی کی تبلیغ کررہاہوں، ایساکچھ نہیں ہے ، اس گھپ اندھیرے میں‌ہم روشنی کی تلاش جاری رکھیں گے، ہم نے اپناکام کرناہے ، انہوںنے اپنا کام کرناہے، آپ کامعصوم ذہن اس دہشت گردی کودہشت گردی سمجھتاہے جس میں‌باروداستعمال ہوتاہے ، نہیں‌چندا۔۔۔! یہاںاوربھی بہت سی دہشت گردیاں ہیں، اب میں‌کیاکیابتائوں، شایدکبھی ان ایوانوںمیں جھانکنے کاتمہیں موقع ملے یاان فائلوںتک رسائی ہوجن میں‌یہ تمام منصوبےتیارہوتے ہیں، یہ ایک دم نہیں‌ہوتے، یاچیزیں‌بنائی جاتی ہیں، یہ کھیل رچایاجاتاہے، بلکہ ماضی میں‌جائیںاورتاریخ کے اوراق سے گردجھاڑیں تویہ کھیل ہابیل اورقابیل کے دورسے جاری ہے ، یہ حق و باطل کامعرکہ ہے ، آپ یقین رکھیں‌کہ باطل کوپتاہے کہ وہ باطل ہے اورحق کوپتا ہے کہ وہ حق ہے، کسی بھی پراپیگنڈے سے حق کوباطل اورباطل کوحق نہیں‌بنایاجاسکتا۔
    جہاںتک آپ کے سوالات ہیں‌کہ
    ۔۔۔۔۔۔’’1۔ کیا اس ملک سے دہشت گردی ختم ہو جائے گی؟
    2۔ کیا ہم سب ایک بار پھر ہنسی خوشی سے ایک ساتھ وقت گزار پائیں گے؟
    3۔ کیا ہم سب ایک ہیں؟
    4۔ اپنے ملک میں کبھی تبدیلی آئے گی؟‘‘۔۔۔۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جوابات۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    1۔۔۔۔اس ملک سے بارودکی دہشت گردی توختم ہوجائیگی ، کچھ وقت لگے گا،کچھ عالمی منصوبوںکوابھی تکمیل تک پہنچایاجائیگا، لیکن معاشی ، تعلیمی، انصاف اورصحت سمیت دیگر دہشت گردیاںابھی جاری رہیں گی ۔اس لئے کسی خوش فہمی میں‌نہیں‌رہناچاہیے کہ ہم کچھ مخصوص عقائد رکھنے والوںکوختم کردینگے یاان کے بندوق کے ذریعے منصوبوںکوپایہ تکمیل تک پہنچنے سے روک دیںگے توباقی تمام معاملات ٹھیک ہوجائیں گے توایساکچھ نہیں‌ہونے جارہا، دہشت گردی کسی بھی قسم کی ہویہ جنگ جاری رہے گی ، تعلیم سب کیلئے ، انصاف سب کیلئے ، صحت سب کیلئے ، خوراک سب کیلئے وغیرہ یہ جنگ انسان کی اپنی جنگ ہے ، لیکن یہ جنگ پرامن طریقے سے جاری رکھنی ہوگی ۔
    2۔۔۔۔اگرآپ کے بزرگوںنے یہ کہا ہے کہ کبھی ایسادوربھی گزراہے کہ جب یہاںسب ایک ساتھ ہنسی خوشی رہتے تھے تویہ بات بھی میرے لئے قابل فہم نہیں‌ہے ، ہر دورکی دہشت گردی کااندازبدل جاتاہے، محرومیوںاورناکامیوں کے ظاہری اسباب تبدیل ہوجاتے ہیں ، لیکن محرومیاں‌اورناکامیاں‌پیداکرنےوالے نہیں بدلتے ، برصغیرمیں ایک ہزارسال حکومت کرنے کے باوجود مسلمانوں کی ذلت میں کمی نہیں ہوئی ، محرومیوںمیں کمی نہیں آئی ، مسلمانوںکے کرتوت ایسے تھے کہ اسلام یہاںاکثریت کادین نہ بن سکا۔ یہ بھی کچھ بزرگوںکی مہربانی ہے کہ انہوںنے مشکلات کاٹی ہیں‌اورکچھ نہ کچھ ہوگیا۔ لیکن یہ گنتی کے لوگوںکاکام ہے ، اس لئے اس دنیاکوجنت بنانے کی کوشش نہ کریں، یہ جنت نہیں‌بنے گی۔بس اتناکریں‌کہ دوسروںکیلئے جس قدرآسانی پیداکرسکتی ہیں کریں، آپ کے ہاتھ اورزبان سے لوگ محفوظ‌رہیںتوبس اتناکافی ہے ،
    3۔۔۔۔ہم سب ایک نہیں ہیں، بلکہ ’’ایک ایک ہیں‌‘‘ کسی کوایک کرنے کی کوشش بھی نہ کریں، بس یہ کوشش کریں کہ اچھائی کے حمایت کرنے والے زیادہ ہوجائیں، اورنہ بھی ہوںتوکیافرق پڑتاہے ، جس کاجی چاہے یزید کی فوج میں‌شامل ہواورجو چاہے حسین کے لشکرمیں آجائے، کسی پرجبرتونہیں ، دیا بجھانے کی روایت آج بھی جاری رکھیں، جس کاجی چاہے صبح ہونے سے پہلے اپنی جان بچاکے چلا جائے، ہمیں‌کیا؟ ہم نے زندگی کے اس کربلا میں جنگ لڑنی ہے ، پیاس ہو، بھوک ہو، اپنوں کاخون بہے، لاشے اٹھیں، تیر چلیں‌، یاایٹم بم ہم نے قدم جمائے رکھناہے، ہم نے یزید کے سامنے سرنہیں‌جھکانا، اس لئے سب کوایک کرنے کی جوکوشش کرتے ہیں وہ ناکام ہوتے ہیں، اس خواہش سے بچیں، اوروہی بات کہ دیابجھائیں جس نے صبح سے پہلے جانا ہے چلاجائے، صبح‌توگھمسان کارن پڑنا ہے۔
    4۔۔۔۔تبدیلی توہرآن آرہی ہے ، کن فیکون کی صداجن کوسنائی دے رہی ہے انہیں‌تبدیلی دکھائی بھی دیتی ، سجھائی بھی دیتی ہے اورسنائی بھی دیتی ہے ، اس لئے تبدیلی توآرہی ہے ، مزید بھی آئے گی ،اوروہی بات کہ ۔۔۔۔۔ ثبات اک تغیرکوہے زمانے میں‌۔۔۔۔
    آپ اپنے ننھے ذہن کوپریشان نہ کریں، سوچیں‌،مثبت سوچیں، اچھاسوچیں، بہت سوچیں، لیکن پریشان ہوئے بغیرکیونکہ پریشانی مومنین کاشیوہ نہیں‌، حالات جیسے بھی ہوںمقابلہ کرینگے بھئی ،،،،،۔ہم کوئی کربلا سے بھاگنے والے تھوڑی ہیں۔
    آخرمیں‌بس یہی کہوں‌گاکہ جیتی رہیے ، خوش رہیے ، سوچتی رہیے لیکن پریشان ہوکرنہیں۔

  3. عروشہ بیٹی کاش میں آپ کے سوالات کا کوئ جواب دے پاتا، اے کاش ، کاش خدا مجھے اتنی طاقت، صلاحیت اور ہمت دیتا کہ میں اپنے وطن کے ہر بچے کو یہ نوید دیتا کہ جاؤ آج سے تمھارا مستقبل تابناک ہے، جاؤ آج سے تمھیں کوئ دہشت گر اسلام کے نام پر تمھیں نہیں بہکائے گا، کہ جاؤ آج سے تم محبت اور شادمانی سے رہو، اے کاششششششششششششششش، کاش خدا میرے قلم میں اتنی طاقت دے دئے کہ میں عروشہ جیسی ہزاروں بیٹی کی خواہش کو پورا کرواسکتا، اے کاششششششششششششششش

  4. اسلام علیکم و رحمت اللہ
    میرے بزرگوب اور بھائیوں نے اوپر جو تبصرے دیے ہیں، میں بھی ان سے بالکل متفق ہوں

    محترم منظور قاضی صاحب نے مختصر جواب دیے اور دریا کو کوزے میں بند کردیا۔
    برادرم افضال خان کی باتیں بھی بالکل درست ہیں، یہ خاص نکتہ ذہن نشین ہونا چاہیے کہ “یہ کھیل ہابیل اورقابیل کے دورسے جاری ہے ، یہ حق و باطل کامعرکہ ہے”۔
    میرے بھائی جناب سید انور ظہیر رہبر نے بھی مختصراً اپنی ایک خواہش لکھی، لیکن دراصل یہ حقیقت ہی کے اظہار کا ایک بہت خوب صورت انداز ہے۔

    یہ زبدگی صرف اور صرف امتحان ہی ہے، یہاں گزارے خوبصورت لمحے دراصل ان سے بہتر مقامات کا اشارہ دیتے ہیں، ان سے بہتر حالات کا شوق دلاتے ہیں کہ وہاں کی جدو جہد کرنی چاہیے۔ اس دنیا میں گزارے سخت اوقات اور مشکل مرحلے ان سے بدتر مصیبتوں اور اذیتوں کی تنبیہ کرنے کے لیے ہیں کہ ایسی زندگی نہ گزارنا کہ آئندہ اس سے بھی بُری جگہ جا پڑیں۔

    کافر اسی دنیا میں جنت چاہتا ہے اور اس کے لیے وہ بے گناہ انسانوں بلکہ بچوں تک کے بھی قتل سے بھی دریغ نہیں کرتا، وہ دولت سمیٹ کر یہیں کی زندگی کو مادی لحاظ سے سہل بنا لیتا ہے۔

    جبکہ مؤمن اس زندگی کو صرف ساٹھ ستر سال پر محیط ایک محدود مہلت سمجھتا ہے تاکہ آئندہ کی ابدی زندگی کے لیے بندو بست کیا جائے، مؤمن اس جہاں میں ہروقت خدا تعالٰی کی عبادت ، خدا کے رسول (ص) کی اطاعت ، رسول (ص) کے اہلِ بیت (ع) کی اتباع میں مصروف رہتا ہے اس کے لیے اپنے آرام سے زیادہ اہم حقوق العباد کی ادائیگی ہوتی ہے۔ وہ دوسرے انسانوں کی بھلائی اور فائدے کی خاطر ، ان کے حقوق ادا کرنے کے لیے کوشاں رہتا ہے، مؤمن کی کوشش ہوتی ہے کہ مثلاً یہاں اس دنیا میں لوگوں کی مدد کرے خواہ اپنی جیب سے کتنا بھی خرچ کرنا پڑجائے۔

    کسی نے امام معصوم (ع) سے حالات کے بہت خراب ہونے کی شکایت کی، آپ نے جواباً کہا کہ “خدا کا شکر کرو کیوں کہ ہر آنے والا وقت گزرے ہوئے وقت سے بدتر ہوگا”، اللہ کے رسول (ص) کی حدیثِ مبارک ہے کہ “جتنا قیامت قریب آتی جائے گی دنیا کے حالات مؤمنین کے لیے خراب سے خراب تر ہوتے چلے جائیں گے”

    چونکہ اس جہاں میں بھوکے بھیڑیوں کی حرص کبھی ختم نہ ہو گی، شیطان کی شیطنیت کم نہ ہو گی، باطل کھی باز نہ آئے گا وغیرہ اس لیے ہمارے ملک کے حالات اب عراق اور افغانستان کی مانند بگڑتے ہی چلے جائیں گے۔

    ہمیں اس دی گئی مہلت یعنی اس فانی زندگی میں اپنے فرائض پہچاننے اور پھر انہیں پورے کرنے چاہیے، ہمیں اس جہان میں اپنے بھیجے جانے کا مقصد معلوم ہونا چاہیے، ہیمں اس سارے عرصے میں ” آج اور اس جگہ” اپنی ذمہ داری اور ” اس ڈرامے میں اپنا رول” سمجھنا اور پھر ادا کرنا چاہیے

    مختصراً کہوں گا کہ اجتماعی اور انفرادی طور پر دو چیزیں ایسی ہیں جنہیں ہمیں کسی صورت میں ترک نہیں کرنا چاہیے
    1۔ نمازِ شب (یعنی تہجد) کی پابندی اور
    2۔ زیاتِ عاشور کا لگاتار پڑھنا۔

    اللہ تعالٰی ہم سب پر رحم فرمائے، ہمارے گناہوں کو معاف فرمائے، ہمیں دین سیکھنے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔

  5. عروش بیٹی
    السلام علیکم
    انشاللہ ہمارے ملک سے دہشت گردی ختم ہو جائے گی۔
    ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسلہ ناخواندگی ہے۔ پسماندہ علاقوں میں تعلیم کی سہولت فراہم کرنے سے عقا ئد میں بھی پُختگی آئے گی۔ ملک میں قائم بہت سے دینی مدارس میں نیم خواندہ اُستاد اپنے معصوم طالعلموں کے کچے اذہان میں مذہبی تشدد کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔ تمام دینی مدارس میں اساتذہ کی تقرری کا کوئی طریقَ وضع کیا جانا چاہیئے

    آپ کے دوسرے سوال کا جواب ہے کہ انشااللہ مل جل کر ہنسی خوشی رہ سکیں گے
    اس کے لیے ضروری ہے کہ ہر پاکستانی اپنے حقوق کے حصول سے زیادہ اپنے فرائض کی ادائیگی کو مقدم جانے
    ہمارے بزرگوں نے ہمیں پاکستان کے ذریعے ہماری پہچان دی
    پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے
    ہم اپنے والدین سے بہتر آسائشوں اور سہولیاتَ زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں
    ہمارے بچے اچھے سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں
    سڑکوں پر نظر دوڑائیں اونچی اونچی عمارات نہ ختم ہونے والی گاڑیوں کی قطاریں زندگی کے ہر شعبے میں ہم نے ترقی کی ہے
    اب وقت آیا ہے کہ ہم بھی پاکستان کو کچھ دیں۔ اپنا وقت سچی محبت اور قربانی

    ہم سب یقینآ ایک ہیں
    چند مفاد پرست عناصر کو چھوڑ کر
    پاکستان میں 5 یا دس فیصد مفاد پرست عناصر کو نکال کر دیکھا جائے تو عام پاکستانی پاکستان سے محبت بھی کرتا ہے
    عام پاکستانی کا ضرم یہ ہے کہ وہ خاموش ہے ہر ظلم اور زیادتی کو سہہ جاتا ہے طالم کا ہاتھ نہیں روکتا
    ہمیں اپنی آواز بلند کرنی ہو گی اتنی بلند کہ ساری دُنیا سُن سکے
    ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس مفاد پرست ٹولے سے چھٹکارا حاصل کریں

    آپ کے آخری سوال کا جواب یہ ہے کہ گھر بیٹھے تبدیلی کے خواب دیکھتے رہے تو تبدیلی کبھی نہیں آئے گی
    تبدیلی ہمیں خود لانی ہو گی
    پہلے ہر شخص اپنا احتساب کرے اور اپنے اعمال میں درستگی لانا شروع کرے
    بھر معاشرے میں مفاد پرستوں کو ٹوکنا شروع کریں
    اس کے بعد اُنہیں روکنا شروع کریں
    معاشرے میں تبدیلی آتی نہیں ہے لائی جاتی ہے

    والسلام
    زرقا

  6. میں پنہاں صاحبہ کےاس شعر کےلیے انکی پوری غزل کو اس بلا گ کے موضوع کے مطابق سمجھکر انکے اپنے بلاگ سے اس بلاگ میں منتقل کررہا ہوں :
    ” شکل مذہب کی مسخ یوں جس سے
    ڈر ہے بچے کہیں نہ ڈر جائیں”
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    غزل ۔ ۔ ۔ پنہاں
    ۔۔۔
    اب دعائیں نہ بے اثر جائیں
    موسموں سے کہو سدھر جائیں
    ۔
    میرا آنگن نہیں ھے دشتِ جنوں
    وحشتیں حد سے کیوں گزر جائیں
    ۔
    اپنے خنجر خود اپنے ھاتھوں ھی
    اپنے ھی دل میں کیوں اتر جائیں
    ۔
    شکل مذھب کی مسخ یوں جس سے
    ڈر ھے بچے کہیں نہ ڈر جائیں
    ۔
    کیا کوئی سر جھکا کے بیٹھ رھے
    موج در موج غم گزر جائیں
    ۔
    وحشتوں کا نہ ان میں ڈیرہ ھو
    لوٹ کر ھم جو اپنے گھر جائیں
    ۔
    رحم کر یوں نہ ھو ترے بندے
    درد سے ٹوٹ کر بکھر جائیں
    ۔
    ڈھونڈتے ھیں وہ موت کی آغوش
    زندگی سے جو لوگ ڈر جائیں
    ۔
    آگے اب آگہی نہ ھو پنہاں
    بند آنکھیں لئے گزر جائیں
    ۔۔۔۔۔۔۔
    میں پنہاں صاحبہ کے اس شعرپر آمین کہتا ہوں:
    رحم کر یوں نہ ہو ترے بندے
    درد سے ٹوٹ کر بکھر جائیں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    امید کہ پنہاں صاحبہ کی وسیع القلبی میری اس عقیدت مندانہ جسارت کو معاف کردے گی۔ ۔
    منظور قاضی از جرمنی

  7. Aoa. i felt good to see your replies to my questions and got a answer that we all r solutions to these problems.
    if we get united and fight against them. this is going to end soon.thank u for the wishes.
    wasalam.
    Aroosh

  8. محترمہ بہن زرقا مفتی صاحبہ !
    سلام” علیکم و رحمت اللہ،

    دیکھیے اگر میری رائے آپ سے مختلف ہو تو یہ ایک قدرتی امر ہے، اللہ تعالٰی نے انسان مختلف بنائے اور انسانوں کی سوچ الگ الگ ہے یہ کوئی بُری بات نہیں بلکہ ایک بہت مثبت چیز ہے، جیسا کہ محترم ہمدانی صاحب اکثر فرماتے ہیں کہ اگر ہر جگہ یکسانیت ہوتی یا مثلاً سارے پھول ایک ہی رنگ کے ہوتے تو نہ صرف ہم اکتا جاتے بلکہ یہ بات کائنات کے چلنے میں حائل ہو جاتی، کائنات کا یہ نظام اسی لیے چل رہا ہے کہ یہاں انواع کی کثرت ہے۔
    یاد رہے کہ سوچوں کا مختلف ہونا اور ہے اور کسی (کی سوچ) سے اختلاف کرنا (کم از کم محاورتاً) اور بات ہے۔

    اس تمہید کے بعد اب جسارت کرنا چاہوں گا کہ آپ کی باتوں میں سے چند کو دوسرے نقطہء نظر سے پیش کروں

    1۔ آپ نے ہمارے ملک میں دہشت گردی کی وجہ ناخواندگی بیان فرمائی، عرض ہے کہ
    اس دہشت گردی کے مسئلہ کو شروع ہوئے ابھی چند دہائیاں ہی گزری ہیں، روسی اشتراکیت (سوویت یونین) کے خاتمہ کے بعد جب مغرب کے سامنے مزید کوئی حلیف نہ رہ گیا، جو ان کے اسلحہ کے واحد منافع بخش ترین کاروبار کے لیے ضروری تھا تو مسلم دہشت گرد کی صورت میں خود ایک نیا مدِ مقابل پیدا کر لیا گیا۔
    اگر یہ ہماری ناخوندگی کا نتیجہ ہے تو ہماری ناخواندگی تو ازل ہی سے ہے جبکہ دہشت گردی کا 80 کی دہائی سے پہلے نام و نشان بھی نہ تھا۔ پھر دہشت گرد تو ہر مسلمان ملک میں موجود کہے جاتے ہیں، کیا ہر مسلمان ملک کی ناخواندگی برابر ہے؟؟ افریقہ اور جنوبی امریکہ کے اکثر ممالک میں اس کی شرح یقیناً بیسیوں مسلم ممالک سے کہیں زیادہ ہے، وہاں دہشت گرد کیوں نہیں ؟؟؟ پھر یہ ساری دنیا کے مسلمان ممالک کو ایک ساتھ ہی دہشت گرد بننے کا شوق کیوں چڑھا ؟؟ وغیرہ وغیرہ

    2۔ آپ کی دوسری بات جس میں میرا خیال الگ ہے وہ یہ کہ
    کسی ملک کی ترقی نہ تو اونچی تعمیرات اور نہ ہی سڑک پر گاڑیوں کی تعداد سے ناپی جاسکتی ہے کیوں کہ
    ایک زمانہ تھا جب ایفل ٹاور(پیرس، فرانس) کی تعمیر سے فنِ تعمیرات کا ایک نیا باب کھلا تو امریکہ میں خاص طور پر شہر نیویارک میں اونچی عمارتوں کی تعمیر کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس زمانہ میں واقعی کسی ملک میں اونچی عمارت، امارت کا ثبوت تھی، صرف امیر ترین ممالک (خصوصاً یورپ) ہی اس اندازِ تعمیر کی گنجائش رکھتے تھے۔ لیکن آج کے دور میں دینا کے پسماندہ ترین ملک کے بھی کم از کم دارلحکومت میں 20 منزلہ عمارتیں عام دیکھنے کو ملیں گی، اولاً یہ آج کی ضرورت ہے اور ثانیاً آج وسائل مختلف ہیں۔
    رہی بات گاڑیوں کی تو اختصار کے مدِ نظر عرض ہے کہ ترقی یافتہ ممالک وہ ہیں جو گاڑیاں بناتے ہیں، جو صرف خریدتے ہیں وہ ترقی یافتہ نہیں کہلا سکتے کیوں کہ آج کی دنیا میں کسی ملک کی ترقی کا دارومد اس کی صنعتی پیداوار اور برامدات ہی پر ہے۔

    میں اب مزید نہیں لکھوں گا کہ کہیں آپ ناراض ہی نہ ہو جائیں
    پیشگی معافی چاہتا ہوں (ہاتھ جوڑ کے)

  9. سب سے پہلے تو سلام عرض کرتا ہوں سب کو، اور ساتھ میں حسبٍ معمول اپنے گھٹنے ٹیک کر معافیاں بھی.
    خصوصی طور پر محترمہ زرقا مفتی صاحبہ، عالی جناب افضال خان صاحب سے.
    تو جناب ایک بار سر پھرے یونانی فلسفی سقراط نے بہت خہب کہا تھا کہ: “بچے جب تاریکی سے ڈریں، تو کوئی تعجب کی بات نہیں! ہاں البتہ جب بڑے روشنی سے ڈریں تب حیرت ہے، تب سمجھیں کہ کبوتر نے آنکھ بند کر کے بلی کو دعوت دے دی!”

    سب سے پہلے میں یہاں دو حوالے دینا چاہونگا!
    1) درگاہ سید قطبٍ دو عالم فضل شاہ (المعروف نور والے) انفنٹری روڈ لاہور. (یہ وہ درگاہ ہے جس کا ذکر محترمہ بانو قدسیہ نے اپنے چہیتے ناول “راجہ گدھ” میں بھی کیا ہے، اور قبلہ مرحوم اشفاق احمد صاحب وہاں اکثر جایا کرتا تھا)
    اس کے گادی نشین، شیخ حکیم غلام رحمان نے ایک بھری بیٹھک میں “بگ بینگ” کا دھماکا کیا. اس محفل میں، سیالکوٹ کا وکیل محترم امجد ربانی صاحب بھی میرے ساتھ تھا، بمع میاں غلام اصغر صاحب جو کہ ٹیکسٹائیل انجنیئر بھی ہیں اور آج کل سب کچھ چھوڑ کر اس درگاہ میں درس تدریس فرماتے ہیں. شیخ صاحب نے کہا کہ: “جناب محمد علی جینا (قائدٍ اعظم صاحب) سے سرکار نور والے کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں سرکار نے اسے مولا علی علیہ السلام کا واسطہ دے کر کہا تھا کہ نہ بنائو پاکستان ابھی! بن جائے گ ایک بہت بڑا پاکستان. یہ وعدہ ہے ہمارا کہ عظیم بھارت پر ایک ارب کے مسلمانوں کی حکومت ہوگی. اور اگر ابھی بنایا تو اس پر ملا قابض ہوجائینگے اور امتٍ سرورٍ کونین کسی کو منہ دکھانے کے بھی قابل نہیں رہی گی….”
    محترم غلام اصغر صاحب نے کہا کہ وہ ڈائری جس میں یہ سب باتیں نوٹ ہیں، وہ موجود ہے. (نہ میں نے اصرار کیا نہ ہی ان لوگوں نے وہ مجھے دکھائی)

    2) یہ اس وقت کی بات ہے جب مسلم لیگ کی ممبر سازی مہم چل رہی تھی. سندھ ممبئی سے تازہ تازہ جدا ہوا تھا. یعنی 1937 کے بعد. سندھ میں مسلم لیگ کا سر گرم رکن سید غلام مرتضی شاہ (المعروف جی ایم سید) جس نے “پاکستان کی قرارداد سب سے پہلے سندھ اسمبلی سے پاس کرائی تھی”، وہ ممبر سازی کے لیے پیر سید صبغت اللہ شاہ راشدی کے پاس گیا. پیر صاحب روپوش تھے اور اپنے حر سپاہیوں کے ساتھ انگریز بھگائو حر تحریک کی نگاہبانی کر رہے تھے اس وقت وہ ایک “مکھی جنگل” نامی زیرٍ زمیں کمرے میں بیٹھے تھے. (یہ بات انتہائی کم لوگ جانتے ہیں کہ دنیا میں گوریلا جنگ کا بنیاد ڈالنے والا یہ سید صاحب تھا، جب اس نے اپنے پرکھوں کی لاج سلامت رکھتے ہوئے “حر تحریک” کو آگے بڑھایا تھا اور فرنگیوں کی نیندیں حرام کی تھی)
    جی ایم سید کی اس بات پر کہ آپ آئیں اور مسلم لیگ میں شامل ہوجائیں، راشدی صاحب جس کو “سورہیہ بادشاہ” کہا جاتا ہے نے جواب دیا تھا: “پاکستان کو اگر مسلم لیگ بنائے گی تو وہ کون سے مسلمانوں کا ہوگا پاکستان؟ سنیوں کا؟ شیعوں کا؟ آغا خانیوں کا؟ پھر یہاں سندھ، پنجاب، بلوچوں اور پختونوں کی شناخت کا کیا ہوگا؟”
    تب جی ایم سید نے جواب دیا تھا کہ: “مسلمان سب بھائی ہیں، سب مسلمانوں کا ہوگا پاکستان، اور تمام قوموں کی شناخت تابندہ رہے گی.”
    سورہیہ بادشاھ ہنسا، اور قہقہہ مارکر جی ایم سید کے شانے پر ہاتھ مار کر بولا: “بھول ہے تمہاری، بیوقوفی کا خواب ہے یہ جو دیکھ رہے ہو! مسلمانوں کی نہیں بلکہ ملائوں کا ہوگا پاکستان، جو کرسی شرابیوں کے حوالے کرکے خود فرانسیسی پادریوں کی طرح فتوائیں دے کر لوگ مارینگے، اور بھول کر بھی سندھ کی بات نہ کرنا تم، وہ تمہیں جیل ڈال دینگے اور تم اپنی کتابیں لکھوگے!”
    حوالہ:
    1. سانگھڑ، از محترم محمد عثمان ڈیبلائی.
    2. جنب گذاریم جن سین (سوانح عمری) از جی ایم سید
    چلتے چلتے ذرا محترم ممتاز مفتی صاحب کی ایک کتاب “الکھ نگری” کا بھی حوالہ دینا چاہونگا، جب مفتی صاحب ایک دن اپنی ویسپا پر بغیر کسی پروگرام کے کسی طرف ہولیا اور جہاں اس ویسپا کا ٹائر پنچر ہوگیا تھا. اور جب وہاں اس کی ملاقات ایک جھوپڑی میں ایک بزرگ سے ہوئی تھی، تب اس بزرگ نے موصوف کو کیا کہا تھا؟ آپ خود پڑھ لیجیے.

    باقی بھتیجی عروش کی باتیں رلا گئی مجھے. ہم سے اپنے بچے یہی تو سوال کرینگے اب. لیکن صاحبو اپنے آپ کو تیار کریں.
    ھم نے جذبات میں آکر بہت بہت جھوٹ بولے ہیں اپنی تاریخ میں، اور اب اپنے پرکھوں کی کہی ہوئی باتوں پر “اپنے گھر کا گند” جان کر پردہ بھی بہت رکھا ہے.
    ابھی ٹھہریں! ایسے سوال آئیں گے کہ آپ اپنا سر ٹیک کر بیٹھ جائیں گے.

  10. ایک ہی طریقہ ہے. اس ساری گندگی سے جان چھڑانے کا:
    آپ سب لوگ اس میں شامل ہوجائیں. زمینی حقائق دیکھیں، تاریخ سے سبق لیں اور بلا کسی امتیاز سے ماضی میں کہے گئے جھوٹ کو صحیح کرنے کے بجائے، ایمانداری سے ایک “پریشر گروپ” بنائیں. ہم سب لوگ اپنے اپنے نام نہاد دانشوری کے خول سے نکل کر گلی گلی میں محبت کا پیغام دیں. مجھے بتائیں کہ آخر کتنے لوگ ملا یا طالبانی مارینگے؟
    آج جو ھم سب، (عروش بھی) بھگت رہے ہیں وہ کمینے لوگوں کی کمینگی کی وجہ سے نہیں، بلکہ اچھے لوگوں کی خاموشی کی وجہ سے جھیل رہے ھیں. نکلیں، اگر ملک پیارا ہے تو. اور نہیں نکلتے تو بھتیجی عروش آپ اپنے خط کا متن تبدیل کریں. یہ کسی اور نے نہیں آپ کے بڑوں کا ہی کیا دھرا ہے.
    (چھوٹا منہ بڑی بات)

  11. مناف بھائی
    میں عالمَ دین نہیں
    لیکن حضور پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حالاتَ زندگی کا مطالعہ کرتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ انہوں نے کفارِ مکہ کی سختیوں کا جواب صبر و برداشت سے دیا۔ ہجرت کی مدینہ میں اسلامی حکومت قائم کی پھر جہاد کے دُنیاوی اسباب مہیا کئے اور اُس کے بعد فتح مکہ کا ارادہ کیا۔
    اسلام پھیلانے کے لیے کسی کو اغوا یا قتل نہیں کیا گیا تھا
    کسی درسگاہ کو تباہ نہیں کیا گیا تھا
    معاشرے کی تبدیلی کا عمل بھی بتدریج تھا
    پاکستان میں اسلام کا نفاذ گولی کے ڈر سے داڑھیاں بڑھانے اور برقعے پہننے سے نہیں ہو گا
    بلکہ دین کی تعلیم سے ہو گا
    ہم اپنے ارد گرد دیکھیں تو کئی ماڈرن خواتین اپنی خوشی سے پردہ کرنے لگی ہیں نوجوان اپنے شوق اور لگن سے مذہب کی طرف آ رہے ہیں
    انہی لوگوں کو اپنی طاقت بنائیے اور ایک بتدریج تبدیلی لائیے
    افغانستان سے روس کی واپسی سے ہم سمجھنے لگے کہ سپر پاور کو ہرانا بہت آسان ہے
    پہلے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کیجئے سپر پاور کے مقابلے کے لیے دُنیاوی وسائل اکٹھے کیجئے
    پھر جہاد شروع کیجئے
    اس سے پہلے جہالت کے خلاف ، نااتفاقی کے خلاف ، مذہبی تعصب کے خلاف جہاد کیجئے۔ میرے خیال میں تو ہر جامع مسجد کے امام کو کم از کم اسلامیات عربی میں ایم اے ہونا چاہیئے

    میں نے کہیں یہ نہیں لکھا کہ ہم ایک ترقی یافتہ ملک بن چکے ہیں میرے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ ہم سب کا معیار زندگی بلند ہوا ہے اور یہ صرف پاکستان کی وجہ سے ہے

    ہم سب خو احتسابی کی عادت ڈالیں اور برائی کو برائی کہنا سکیں برائی کا راستہ روکیں تو تبدیلی آ سکتی ہے

    ہمارے ملک میں تبدیلی نہ آنے کی دو بڑی وجوہات ہیں 60 سے ستر فیصد عوام کا ناخواندہ ہونا اور معاشی خودمختاری نہ ہونا
    الیکشن میں سب جیتنے والے گھوڑے کو ووٹ دیتے ہیں اُس کا کردار نہیں دیکھتے
    ایک بریانی کی پلیٹ یا چند سو روپوں میں پانچ سال کے لیے ایک نا اہل شخص اسمبلی کا ممبر بن جاتا ہے
    اس لیے کہ ووٹ دینے والا تعلیم یافتہ نہیں ہے یا معاشی طور پر خود مختار نہیں ہے

    آخر میں میں یہی کہوں گی کہ میں آپ کی یا کسی کی بات سے ناراض نہیں
    میں اور میرا خاندان بھی بہت سے مسائل کا شکار ہیں مگر میں پاکستان کے مستقبل سے نا امید نہیں۔۔ اور نہ ہی کسی قسم کی نا امیدی نئی نسل میں منتقل کرنا چاہتی ہوں۔

    ایسا بھی نہیں کہ ہم آنکھیں بند کرکے شکار ہونے کے منتظر بیٹھے ہیں
    ہم برے کو برا کہتے ہیں اور بر ملا کہتے ہیں برائی اور نا انصافی کا ہاتھ بھی روکتے ہیں چاہے اس کے لیے کتنی ہی قیمت چکانی پڑے
    اور میرا ایمان ہے کہ پاکستان اسی لیے قایم ہے اور رہے گا کہ ہمارے جیسے بہت سے ہیں

    والسلام
    زرقا

  12. زرقا صاحبہ۔ آپکی تمام باتوں سے اتفاق ہے اور خاص طور پر یہ بات کہ ،،،ہمارے ملک میں تبدیلی نہ آنے کی دو بڑی وجوہات ہیں 60 سے ستر فیصد عوام کا ناخواندہ ہونا اور معاشی خودمختاری نہ ہونا۔۔۔۔۔یہ اتنا بڑا موضوع ہے کہ اس پر کتب کی کتب لکھی جا سکتی ہیں۔ پاکستان کے ذرائع ابلاغ تو یا کھانے پکانے کی ترکیبوں پر لگے ہیں یا پھر سوات اور مالاکنڈ کی فوٹیج دکھانے پر۔ مجھے ایک ٹی وی یا ریڈیو چینل ایسا نہیں ملا جہاں اس موضوع یا یسے موضوعات پر صاحبان فکر ودانش سے بات کی جائے اور ان سے رہنمائی حاصل کی جائے۔ ہم سبکو اپنے بچوں کے ایسے ہی کتنے سوالات کے جواب دینے ہیں کیونکہ سوال کرن اہی نصف علم ہے۔ ذرا سوچیں بچوں کی کتنی بڑی تعداد ہے جو سوال ہی نہیں کرتی۔

  13. اوپر کی پوسٹ میں ایک غلطی رہ گئی مجھے لکھنا تھا کہ انشاللہ پاکستان قایم رہے گا

    فیاض صاحب
    میں بھی راجہ گدھ الکھ نگری اور شہاب نامہ پڑھ رکھی ہیں
    الکھ نگری میں ممتاز مفتی یہ ثابت کرنے کی کوشش کرتے رہے کہ مادی دُنیا کے ساتھ ساتھ ایک روحانی مملکت بھی قائم ہے جس میں باقاعدہ عہدے دار مقرر کئے جاتے ہیں۔ کچھ عہدے داروں کی تصاویر بھی الکھ نگری میں شامل ہیں

    میں سمجھتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کے وجو میں ہی روحانیت اور مادیت کے عناصر رکھے ہیں ۔ انسان کو عقل بھی دی اور قوتَ فیصلہ بھی اور اپنے عمل میں آزاد چھوڑ دیا ہے۔

    میں سمجھتی ہوں کہ اس وقت پھر کسی جمال الدین افغانی ، محمد عبدو ، یا علامہ اقبال کی ضرورت ہے
    جو مسلمانوں میں فکری انقلاب پیدا کر سکے
    والسلام
    زرقا

  14. السلام علیکم
    عروش جی سب سے پہلے آپ کو عالمی اخبار کی اس بلاگ محفل میں بہت بہت خوش آمدید 🙂
    ماشااللہ سے کافی فکر انگیز خط ھے آپ کا ، اور سب سوال بھی بہت فکری ۔۔۔۔ !
    ماشااللہ سے سب نے بہت خوب اور تفصیلی تبصرے کئے ہیں جن کو پڑھ کے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ۔

    کاش ان سب باتوں پے لوگ عمل شروٰع کر دیں اور فرداً فرداً ھم سب کام شروع کر دیں جیسے مدد ٹریسا نے کہا کہ
    Dont wait for leaders, do it person by person سو اسی اصول پے چلتے ھوئے ھم سب کو اپنی اپنی سطح اور اپنے اختیارات کے مطابق عمل کرنا چایہے انشااللہ وہ دن دور نہیں جب قطرہ قطرہ سمندر بنے گا !
    جزاک اللہ اور لکھتی رہیں ۔

  15. محترمہ بہن زرقا مفتی صاحبہ !
    سلام” علیکم و رحمت اللہ،

    سب سے پہلے ناراض نہ ہونے اور گزارشات وصول کرنے کا شکریہ (بات سے اتفاق بھی کرنا، کبھی شرط نہیں ہونی چاہیے)
    آپ کی اس دفعہ کی لکھی ہر ایک بات سے (سوائے ایک) میں بالکل متفق ہوں، ماشاء اللہ آپ نے فرمایا

    اسلام کا نفاذ گولی کے ڈر سے داڑھیاں بڑھانے اور برقعے پہننے سے نہیں ہو گا، بلکہ دین کی تعلیم سے ہو گا۔

    پہلے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کیجئے سپر پاور کے مقابلے کے لیے دُنیاوی وسائل اکٹھے کیجئے پھر جہاد شروع کیجئے۔

    اس سے پہلے جہالت کے خلاف ، نااتفاقی کے خلاف ، مذہبی تعصب کے خلاف جہاد کیجئے۔ میرے خیال میں تو ہر جامع مسجد کے امام کو کم از کم اسلامیات عربی میں ایم اے ہونا چاہیئے۔

    میں ان سب باتوں سے صد در صد اتفاق کرتا ہوں صرف ایک بات ہمدانی صاحب سے بھی معذرت کے ساتھ کہ ۔ ۔ ۔
    ہمارے ملک میں تبدیلی نہ آنے کی دو بڑی وجوہات ہیں 60 سے ستر فیصد عوام کا ناخواندہ ہونا اور معاشی خودمختاری نہ ہونا

    میری عرض اس سلسلہ میں یہ ہے کہ جب تک تبدیلی نہیں آئے گی ناخواندگی اور معاشی خودمختاری کا عنقا کبھی دور نہیں ہو گا

    اس وقت رائج نظام کی بقا کا راز ہے ہی یہی کہ ناخواندگی کو ہر حالت میں برقرار رکھا جائے اور لوگ معاشی طور پر محتاج رہیں۔ پہلے تبدیلی چاہیے۔ پہلے اس نظام کو بدلنا پڑے گا تاکہ نئے نظام کے تحت پہتر معاشرہ قائم کیا جا سکے، سکول کھولے جا سکیں جہاں دینِ حق کی تعلیم دی جاسکے، ایسا معاشرہ جہاں جامع مسجد کے امام کو کم از کم اسلامیات عربی میں ایم اے ہوں وغیرہ-

    اس سلسلے کا پہلا قدم (اب آپ کی بات کہ) مسلمانوں میں فکری انقلاب پیدا کرنا ہے۔ جی ہاں فکری انقلاب تبدیلی سے پہلے ضروری ہے تاکہ ناخواندگی دور ہو، یہ دونوں الگ چیز ہیں۔ اور یہ بھی یاد رہے کہ ووٹ دینے سے کبھی تبدیلی نہیں آئے گی یہ تو غلام بنائے رکھنے کے مکر ہیں جھانسے ہیں دھوکے ہیں
    اور بقول اقبال

    اُٹھا کر پھینک دو باہر گلی میں
    نئی تہذیب کے انڈے ہیں گندے
    الیکشن کونسل ممبری صدارت
    بنائے خوب آزادی کے پھندے
    میاں نجار بھی چھیلے گئے ساتھ
    نہایت تیز ہیں یورپ کے رندے

  16. مناف بھائی۔ ماشااللہ۔ میرا خیال ہے کہ ہم شاید سب بات ایک ہی کر رہے ہیں لیکن الگ الگ االفاظ اور الگ الگ فکری انداز میں۔ بس ذرا ووٹ دینے والے معاملے پر مزید غور کرنا ہو گا۔ اگر تو یہ وطن عزیز اور ایسے ہی سیاسی معاشروں کے تناظر میں ہے تو بات درست ہے لیکن اپنے ہی ہمسائے بھارت سمیت کتنے ہی ممالک ہیں جہاں عوام کے ووٹ کی طاقت ”وفاقی احتساب بیورو” سے ہزار گنا زیادہ ہے۔
    بس دل یہ چاہتا ہے کہ ہم اسوقت اپنے علمی اور فکری اختلافات کو ذرا کسی اور وقت پر اٹھا رکھیں اور عروش کے سوالات کے جواب پر توجہ مرکوز رکھیں۔
    میرے اپنے خیال میں عروش ان سینکڑوں پاکستانی بچوں کی نمائیندہ ہے جن میں اپنے بڑوں کی طرح سوال کرنے کا حوصلہ اس لیئے نہیں کہ خود ہم نے انکے سوال کرنے کی قوت کو بچپن میں ہی مار دیا ہے۔
    یہ نئی نسل جو پوچھ رہی ہے یہ اسکا حق ہے اور فرض جو شاید ہم سے پہلے کی چار پانچ نسلیں ادا نہیں کر سکیں ہم کو ادا کرنا ہے ورنہ روز محشر اور بہت سے سوالوں کے جواب کے ساتھ ان بچوں کے وہ سوال بھی ہمارے نامہ اعمال میں ہوں گے جن کے جواب ہم انہیں نہیں دے سکے

  17. عروش بیٹی: تم نے انگریزی بہت ہی پتہ کی بات کی ہے :we are all solutions to these problems if we get united and fight against them.
    ” ہمارے ہاتھوں میں ان مسائل کا حل ہے بشرطیکہ ہم متحد ہوکر انکا مقابلہ کریں اور انکو حل کریں”
    ماشا اللہ تم نے کافی اچھی بات کہی ہے۔
    اتحاد ، یقین اور تنظیم کی تلقین ہمارے بزرگ بھی کرچکےہیں مگر ان پر عمل کرنے والی صرف اور صرف ہماری آنے والی نسل ہی ہوگی۔

    عروش بیٹی اپنے مستقبل سے مایوس نہ ہو اور ہمت سے کام لے کر اپنے اور اپنے ساتھیوں کو ہمت دلاتی رہو۔

    ایک بات تم سے کہدوں کہ تمھارے بنیادی سوالات کے جوابات دینے والوں میں دو گروپ کے افراد شامل ہیں :

    ایک گروپ میں تو مجھ جیسے لوگ ہیں جو پاکستان سے دور بیٹھے پاکستان کی تباہی پر افسوس کررہے ہیں اور پاکستان میں رہنے والوں کو طرح طرح کے مشوروں سے نواز رہےہیں۔

    دوسرے گروپ میں وہ لوگ ہیں جو پاکستان میں ہی رہکر تمھارے کہنے کے مطابق پاکستان کے مسائل کو نہ صرف برداشت کررہے ہیں بلکہ انکا دلیری سے مقابلہ کرکے انکو حل کرنے کی کوشش بھی کررہے ہیں۔

    تم دوسرے گروپ میں شامل ہو اس لیے وہاں رہنے والے اپنے ساتھیوں اور بزرگوں کی نیک باتوں کو سنتی رہو اور ” متحد ہوکر تمام مسائل کا حل تلاش کرتی رہو ”
    عروش بیٹی تم زرقامفتی صاحبہ اور انکے ہم خیال بزرگوں کی باتیں غور سے سنتی رہو اور ان پر عمل کرتی رہو اس لیے کہ انکی باتوں پر عمل کرنے میں ہی تمھاری اور پاکستان کی بقا کا راز مضمر ہے ۔

    دعا گو :
    منظور قاضی از جرمنی

  18. عروش بیٹی کو یہ بات بنانا ضروری سمجھتا ہوں کہ ہم جیسے لو گوں کو ( جو پاکستان سے باہر بیٹھکر پاکستان میں رہنے والوں کو مشورے دے رہے ہیں)‌ اپنا دلی ہمدرد سمجھو اس لیے کہ ہم سب پاکستان کی بقا کے لیے دلوں سے دعائیں بھی کررہے ہیں اور حسبِ استطاعت پاکستان میں رہنے والوں کی خدمت بھی کررہےہی۔
    تمھیں پاکستان میں رہکر پاکستان کو بہتر سے بہتر بنانے کی جد و جہد کرنے پر ہم سب کی دعائیں اور نیک تمنائیں تمھار ے ساتھ ہیں۔
    ۔۔۔
    نیک تمنائیں:
    منظور قاضی از جرمنی

  19. میں عروش کی ماں ہوں اور لاجواب ہوں۔ ایک بیٹی کے ذہن میں اُبھرتے ہوئے ان سوالوں کا جواب ان ماؤں کو کیا دوں جن کے جوان لال اس خونی جنگ میں شھید ھو گئے۔
    وہ تو شھادت کا درجا پا گئے ملک کی خاطر قربان ھو گئے لیکن ان کی مائیں آنکھوں میں سوال اور تلاش کے آنسو لیے سراپا سوال ھیں ھر روز سنکڑوں دھشت گردی کاشکار ھونے والوں کی ماؤں کو کیا جواب دوں۔
    عروش کے سوالوں نے اس کی اپنی ماں کو لاجواب کر دیا۔

  20. Aoa. Thank you for giving me so much hope. even though people over here are being hopeless, As today i was watching Television, i saw a interview of a mother of a Shaheed(may god bless him) and i could see the tears and sorrow in her eyes while she was being proud of her son’s shahadat. i have one more question. .. Are these mothers really happy beacause her son’s shahdat? and i thought about it and saw that mother and got the answer NO.
    aroosh.

  21. I want to share some quotes, i believe on:
    .Do not go where the path may lead, go instead where there is no path and leave a trail
    United we stand; divided we fall

  22. I like this thought provoking quote that shows us how important it is to be flexible in our daily undertakings

    We can’t change the direction of the wind, but We can adjust our sails to always reach our destination 🙂

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *