ایک احساس ۔ ۔ ۔

میں نے اس طور سے چاہا تجھے اکثر جاناں
جیسے ماہتاب کو انت سمندر چاہے
جیسے سورج کی کرن سیپ کے دل میں اترے
جیسے خوشبو کا ہوا رنگ سے ہٹ کر چاہے
جیسے پتھر کے کلیجے سے کرن پھوٹتی ہے
جیسے غنچے کھلے موسم سے حنا مانگتے ہیں
جیسے خوابوں میں خیالوں کی کماں ٹوٹتی ہے
جیسے بارش کی دعا آبلہ با مانگتے ہیں
میرا ہر خواب مرے سچ کی گواہی دے گا
وسعتِ دید نے تجھ سے تری خواہش کی ہے
میری سوچوں میں کبھی دیکھ سراپا اپنا
میں نے دنیا سے الگ تیری پرستش کی ہے
خواہشِ دید کا موسم کبھی ہلکا جو ہوا
نوچ ڈالی ہیں زمانوں کی نقابیں میں نے
تیری پلکوں پہ اترتی ہوئی صبحوں کے لئے
توڑ ڈالی ہیں ستاروں کی طنابیں میں نے
میں نے چاہا کہ ترے حسن کی گلنار فضا
میری غزلوں کی قطاروں سے دہکتی جائے
میں نے چاہا کہ مرے فن کے گلستاں کی بہار
تیری آنکھوں کے گلابوں سے مہکتی جائے
طے تو یہ تھا کہ سجاتا رہے لفظوں کے کنول
میرے خاموش خیالوں مین تکلم تیرا
رقص کرتا رہے، بھرتا رہے خوشبو کا خمار
میری خواہش کے جزیروں میں تبسم تیرا
تو مگر اجنبی ماحول کی پروردہ کرن
میری بجھتی ہوئی راتوں کو سحر کر نہ سکی
تیری سانسوں میں مسیحائی تھی لیکن تو بھی
چارہِ زخمِ غمِ دیدہِ تر کر نہ سکی
تجھ کو احساس ہی کب ہے کہ کسی درد کا داغ
آنکھ سے دل میں اتر جائے تو کیا ہوتا ہے
تو کہ سیماب طبیعیت ہے تجھے معلوم
موسمِ ہجر ٹھہر جائے تو کیا ہوتا ہے
تو نے اس موڑ پہ توڑا ہے تعلق کہ جہاں
دیکھ سکتا نہیں کوئی بھی پلٹ کر جاناں
اب یہ عالم ہے کہ آنکھیں جو کھلیں گی اپنی
یاد آئے گا تری دید کا منظر جاناں
مجھ سے مانگے گا ترے عہدِ محبت کا حساب
تیرے ہجراں کا دہکتا ہوا محشر جاناں
یوں مرے دل کے برابر ترا غم آیا ہے
جیسے شیشے کے مقابل کوئی پتھر جاناں !
(محسن نقوی)

10 thoughts on “ایک احساس ۔ ۔ ۔”

  1. سید محسن نقوی اردو کے مشہور اور انقلابی شاعر اور مشہور خطیب بھی تھے۔ ان کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا۔ سب کے دلوں کو چھونے والی شاعری اور ان کے کئی مجموعہ کلام چھپ چکے ہیں
    محسن نقوی محروم میرے پسندیدہ شاعروں میں سے ایک ہیں۔ اِن کی شاعری روح تک اثر کر جاتی ہے۔
    جناب احمد ندیم قاسمی محسن نقوی کےبارے میں تحریر کرتے ہیں کہ
    محسن نقوی نے اپنے تجربے کو اپنے خون میں کھپا رکھا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی آواز میں صداقت اور اعتماد کی گونج ہے۔ بے اعتباری اور گومگو کے اس دورمیں محسن نقوی کی شاعری میں ایک وزن ہے اور یہ سچاءی کے اثبات کا وزن ہے ۔

    آپ سب بلاگ ساتھی محسن نقوی صاحب کا کلام جو جو آپ کو پسند ھو یہاں سب کے ساتھ شییر کر سکتے ہیں۔
    چلیں اس کی شروعات میں محسن نقوی کے اپنے ایک پسندیدہ شعر سے کرتی ھوں 🙂
    میں اپنی رُوح کی پوشاک اُس کو پہنا دوں
    مگر یہ شرط کہ وہ بھی تمام میرا ہو !

  2. “>

    یاد پڑتا ہے کہ میں نے اپنے کسی کالم میں لکھا تھا کہ قتل ہونے سے پہلے محسن کی آخری ملاقات مجھ سے ہوئی تھی اور عجب تکلیف دہ اتفاق ہے کہ اس بار میں محسن کو اٹھارہ سال کے طویل وقفے کے بعد ملا تھا۔
    میں،محسن نقوی اور اصغر ندیم سید ایک زمانے تک اکٹھے کالج اور یونیورسٹی اور پھر عمومی مشاعروں میں جاتے رہے ہیں اور محسن کے قتل کے بعد جسیے یہ مثلث بکھر چکی ہے۔ لیکن حبیب جالب ہم سب کا آئیڈل رہا ہے۔
    کتنے ہی شعر اور غزلیں ہم دوستوں نے ایک ساتھ کئی شہروں کے انٹر کالجیٹ اور انٹر یونیورسٹی مشاعروں میں شرکت کے دوران کہی ہیں۔ محسن کو بہت بڑی بیماری تھی اور یہ بیماری شاید ہم تینوں دوستوں کی تھی ۔ وہ اسی بیماری کے ہاتھوں مرا اور میں بھی یقین ہے کہ اسی بیماری کے ہاتھوں مروں گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔تفصیل سے پھر کبھی لکھوں گا۔
    اس وقت محسن کی ایک غزل جو خود اسے بھی بہت اچھی لگتی تھی۔
    شکل اس کي تھي دلبروں جيسي
    خو تھي ليکن ستمگروں جيسي

    اس کے لب تھے سکوت کے دريا
    اس کي آنکھيں سخنوروں جيسي

    ميري پرواز جاں ميں حائل ہے
    سانس ٹوٹے ہوئے پروں جيسي

    دل کي بستي ميں رونقيں ہيں مگر
    چند اجڑے ہوئے گھروں جيسي

    کون ديکھے گا اب صليبوں پر
    صورتيں وہ پيمبروں جيسي

    ميري دنيا کے بادشاہوں کي
    عادتيں ہيں گداگروں جيسي

    رخ پہ صحرا ہيں پياس کے محسن
    دل ميں لہريں سمندروں جيسي

  3. ھمدانی صاحب نے جو ویڈیو پوسٹ کیا اوپر کے تبصرے میں ؀ ہوا کا لمس جو اپنے کواڑ کھولتا ہے ۔۔۔بہت خوب ھے

    ہوا کا لمس جو اپنے کواڑ کھولتا ہے

    تو دير تک مرے گھر کا سکوت بولتا ہے

    ہم ايسے خاک نشيں کب لبھا سکيں گے اسے

    وہ اپنا عکس بھي ميزان زر ميں تولتا ہے
    اسي سے مانگ لو خيرات اس کے خوابوں کي

    وہ جاگتي ہوئی آنکھوں ميں نيند گھولتا ہے

    سنا ہے زلزلے آتے ہیں عرش پر محسن

    کہ بے گناہ لہو جب سناں پہ بولتا ہے
    (محسن نقوی )

  4. محسن نقوی نے محبت کے حوالے سے بہت خوبصورت اشعار کہے ہیں ۔
    اس کے علاوہ انقلاب کے حوالے سے
    اور جدید میں فرد کی محرومیوں اور تنہائی کے حوالے سے بہترین اشعار غزل میں کہے ہیں ۔
    شخصی انانیت کا رویہ محسن نقوی کی پہچان ہے ۔
    انھیں اپنی ذات کا احساس ہے جو جگہ جگہ ہمیں اس کی غزل میں ملتا ہے۔
    محبت کی کیفیات کو کچھ اس طرح شعر میں سمویا ہے :

    بچھڑ کے مجھ سے کبھی تو نے یہ بھی سوچا ہے
    ادھورا چاند بھی کتنا اداس لگتا ہے

    اُسے گنوا کے زندہ ہوں اس طرح محسن
    کہ جیسے تیز ہوا میں چراغ جلتا ہے

    بچھڑتے وقت سے اب تک میں یوں نہیں رویا
    وہ کہہ گیا تھا یہی وقت امتحاں کا ہے

    انقلابی حوالے سے ان کا ایک شعر :

    میں سرِ مقتل حدیث ِزندگی کہتا رہا
    انگلیاں اُٹھتی رہیں محسن میرے کردار پر

  5. اچھا ہوا کہ نظم پیش کرنے کے بعد کے تبصرے میں ثناء شاہ صاحبہ نے یہ لکھدیا کہ وہ نظم محسن نقوی کی تھی ۔
    شکریہ ثناء شاہ صاحبہ ۔

  6. محسن نقوی کے چند اشعار جو اب تک کوئی نہ کہہ سکا

    میں اپنی روح کی پوشاک اس کو پہنا دوں
    مگر یہ شرط ہے کہ وہ بھی تمام میرا ھو

    جو دوستی نہیں ممکن تو پھر یہ عہد کریں
    کہ دُشمنی میں بہت دُور تک نہ جائیں گے

    کون ہے معتبر زمانے میں
    کس کے وعدے پہ اعتماد کریں؟
    بھول جانے کی عُمر بیت گئی!
    آؤ اِک دوسرے کو یاد کریں

    ڈھال اب وقت کے ہاتھوں میں ہے اے تیرانداز
    رکھ دے اک سمت کمان، ہاتھ نشانے سے اٹھا
    دل دکھا تو کھلی ہے میرے وجدان کی آنکھ
    ایک شگوفہ تھا کہ شبنم کے جانے سے اٹھا

    خود بخود چھوڑ گئے ہیں تو چلو ٹھیک ہوا ۔ اتنے احباب کہاں ہم سے سنبھالے جاتے؟
    ہم بھی غالب کی طرح کوچہ جاناں سے محسن ۔ نہ نکلتے تو کسی روز نکالے جاتے۔

  7. چاندنی رات میں اس پیکرِ سیماب کے ساتھ
    میں بھی اُڑتا رہا اک لمحہ بے خواب کے ساتھ

    کس میں ہمت ہے کہ بدنام ہو سائے کی طرح
    کون آوارہ پھرے جاگتے مہتاب کے ساتھ

    آج کچھ زخم نیا لہجہ بدل کر آئے
    آج کچھ لوگ نئے مل گئے احباب کے ساتھ

    سینکڑوں ابر اندھیرے کو بڑھائیں گے لیکن
    چاند منسوب نہ ہو کرمکِ شبِ تاب کے ساتھ

    دل کو محروم نہ کر عکسِ جنوں سے محسن
    کوئی ویرانہ بھی ہو قریہء شاداب کے ساتھ

  8. کچھ اس ادا سے میرے یار سر کشیدہ ہوئے
    کہ فتح پا کے بھی قاتل علم دریدہ ہوئے

    عجیب طور سے ڈوبا ہے ڈوبنے والا
    کہ ساحلوں کے بگولے بھی آبدیدہ ہوئے

    جو اپنے سائے کی قامت سے خوف کھاتےہیں
    ہمارے بعد وہی لوگ برگزیدہ ہوئے

    میں چپ رہا تو اٹھیں‌مجھ پہ انگلیاں کیا کیا
    زباں ملی تو مرے حرف ناشنیدہ ہوئے

    ہماری لاش سے گزرے تو بے خبر گزرے
    وہ جن کے نام پہ ہم لوگ سربریدہ ہوئے

    جنھیں غرور تھا اپنی ستمگری پہ بہت
    ستم تو یہ ہے کہ وہ بھی ستم رسیدہ ہوئے

    عصائے حق ہے میسر نہ تختِ دل محسن
    ہم ایسے لوگ بھی کس سن میں سن رسیدہ ہوئے

  9. سلام علیکم
    جو دوستی نہیں ممکن تو پھر یہ عہد کریں
    کہ دُشمنی میں بہت دُور تک نہ جائیں گے
    ماشاعللہ
    عظمی

  10. خود بخود چھوڑ گئے ہیں تو چلو ٹھیک ہوا
    اتنے احباب کہاں ہم سے سنبھالے جاتے؟
    ہم بھی غالب کی طرح کوچہ جاناں سے محسن
    نہ نکلتے تو کسی روز نکالے جاتے۔
    ———-
    ہم بھی غالب کی طرح کوچہ جاناں سے محسن
    یہ مصرع درست بتا دیں۔محسن نقوی ایسی غلطی نہیں کرسکتے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *