جاگ ورنہ آدمی کی موت مارا جائے گا۔از: سید مصباح حسین جیلانی۔ سڈنی

بھائی سید مصباح حسین جیلانی کا لم ایک مدت کے بعد پڑھنے کو مل رہا ہے لیکن یہ اندازہ ہو رہا ہے کہ وہ بے شک اپنی علالت کے باعث کچھ عرصہ کے لئے پس منظر میں چلے گئے تھے لیکن دراصل وہ ایک خاموش تجزیہ نگاری کے مراحل سے گزر رہے تھے ۔۔۔ میرا یہ ماننا ہے کہ ہر لکھنے والا ایک “ سیاہی چوس (بلوٹنگ پیپر ) یا اسپنچ “ کی طرح ہوتا ہے جو اپنے مشاہدے اور تجربات کو اپنے زہن و دل میں سموتا رہتا ہے ۔۔ اور جب اسپنچ میں مزید سمونے کی طاقت نہیں رہتی تو قطرہ قطرہ بہنے لگتا ہے ۔۔۔ یہ عرصہ پس منظری ایک نعمت کی طرح ہوتی ہے کیونکہ اس کے بعد پیش منطر ایک انتہائی پروقار اور یادگار تحریر کی ضمانت بن جاتا ہے ۔۔۔

ایک ایسا ہی چونکا دینے والا تجزیاتی کالم آپ سب کی نظر ہے ۔۔ مصباح اپنے کالم کے دوسرے پیراگراف میں لکھتے ہیں ۔۔۔

اب جبکہ امریکا ابتدائی اہداف سے فراغت پا چکا ہے اور وقت آن پہنچا ہے کہ اس ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دی جائے، اس کے لئے اس نے پیشگی اقدام شروع کر دئیے ہیں۔ نِت نئی الزام تراشیاں اور مختلف عہدیدارن کی طرف سے پوری شد و مد کے ساتھ حقانی نیٹ ورک کا غلغلہ اور اپنی ناکامیوں کا ماتم بلا سبب نہیں کیا جا رہا۔

امریکا کو الیکشن سے پہلے ایک مہم جوئی کرنا ہے۔ اتنی بڑی فوج کو جو پندرہ بیس برس سے لڑائی کے سوا کچھ نہیں جانتی، اسے ملک سے باہر رکھنا خود اپنے امن عامہ کی بقاء اور کثیر بے روزگاری سے بچنے کے لئے ضروری ہے۔

پورا کالم پڑھنے کے لئے اس لنک پر کلک کیجئے

22 thoughts on “جاگ ورنہ آدمی کی موت مارا جائے گا۔از: سید مصباح حسین جیلانی۔ سڈنی”

  1. عزیزم مصباح، اک عرصے بعد آپکے قلم کی کاٹ دیکھی۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فن سیف گری کے نئے نئے رخ سامنے آ رہے ہیں۔ بہت اچھا تجزیہ کیا ہے۔
    امریکا کو الیکشن سے پہلے ایک مہم جوئی کرنا ہے۔۔۔۔۔۔۔صرف اسی الیکشن سے پہلے نہیں بلکہ ہر الیکشن سے پہلے ایسا ہی ہوتا رہا ہے۔ ہم جیسے ملک اب امریکہ کی تجربہ گاہ ہیں۔
    پچھلے دو صدارتی انتخابات میں ریپبلیکن امیدواروں نے 2008ء میں جان مکین نے اور2004ء میں صدر جارج ڈبلیو بُش نے افغانستان میں طالبان کو شکست دینے پر زور دیا تھا چاہے اس میں کتنا ہی وقت لگے۔لیکن اس سال ایسا لگتا تھا کہ کئی ریپبلیکن امیدوار رائے عامہ کے جائزوں کی عکاسی کر رہے ہیں جن سے ظاہر ہوا ہے کہ ریپبلیکنز اور ڈیموکریٹس دونوں افغانستان کی تقریباً دس سالہ جنگ سے عاجز آ چکےہیں۔

  2. بھائی مصباح کا کالم آج کی صورتحال کا بہترین عکاس ہے آج پاکستان اسی کیفیت سے دوچار ہے جس میں امریکی دوستی کا نوالہ نہ نگلا جارہا ہے اور نہ اگلا۔
    ہم عرصہ دراز سے لکھتے چلے آرہے ہیں کہ “”نائن الیون بہانہ افغانستان نشانہ اور پاکستان ٹھکانہ ہے ” یہی امریکہ کا اصل ہدف اور مقصد ہے اور اسی کے حصول کیلئے مصروف ہے گذشتہ دنوں کے درمیان امریکی عہدیداروں کے بیانات کیا اس کی نشاندہی نہیں کرتے ؟
    ہم سمجھتے ہیں کہ
    امریکی اب کھل کر سامنے آگئے کیونکہ افغانستان کے حوالے سے ان کی ناکامیوں پر اب امریکہ میں ایسے سنجیدہ سوالات اُٹھ رہے ہیں جن کا جواب امریکی صدر کے پاس ہے ، وزیر خارجہ کے پاس اور نہ ہی سی آئی اے چیف یا پینٹاگون کے پاس۔ اس سے پہلے کہ ہم اس حوالے سے بات کو مزید آگے بڑھائیں پہلے ایک نظر ان اہداف پر جو امریکی دس سال قبل لے کر چلے تھے۔

    ہماری نظر میں امریکہ کا پہلا ہدف ہے
    کہ افغانستان کو ،،فتح، ، کرکے وسط ایشیائی ریاستوں کے معدنی اور قدرتی وسائل تک پہنچنا تھا جو طالبان نے ناکام بنا دیا اور ان کے سارے منصوبے کو افغان سرزمین پر ہی دفن کر دیا۔
    اس کا دوسرا ہدف ہے کہ
    پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پر قبضہ تھا جسے ناکام بنانے میں پاک فوج نے بہت اہم کردا رادا کیا۔ پاکستان میں موجود امریکی جاسوسوں نے ان اثاثوں تک پہنچنے کے لئے ہر گُر آزمایا ، بلیک واٹر جیسی بدنام زمانہ تنظیموں کی خدمات کرائے پر حاصل کیں لیکن وہ ان اثاثوں کی گرد کو بھی نہ چھوسکے۔
    اور اس کا تیسرا اہم ہدف ہے کہ
    بلوچستان جو قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ انہوں نے بلوچستان کی سرزمین پر ایسے حالات پیدا کر دیئے کہ جس کے نتیجے میں نواب اکبر بگٹی جیسے اہم ترین بلوچ راہنما مارے گئے۔ اس واقعے کے بعد امریکہ نے ناراض بلوچوں کو علیحدگی کی تحریک کے لئے بھرپور طریقے سے استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن اس سازش کو بھی پاک فوج نے ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد کوئٹہ شوریٰ کا شوشہ چھوڑا گیا تاکہ بلوچستان میں امریکی فوجیوں کو داخل ہونے کا جواز فراہم کیا جاسکے لیکن پاکستان نے اپنی حکمت عملی سے اس سازش کو بھی نا کام بنا دیا اور امریکی ہاتھ ملتے رہ گئے۔
    امریکہ کا چوتھا ہدف ہے کہ
    پاکستان میں شدید نوعیت کی بدامنی پیدا کی جائے جس میں وہ کسی حد تک کامیاب بھی ہوئے لیکن پورا مقصد حاصل نہ ہوسکا۔ ان کا اصل ہدف یہ تھا کہ پاکستان میں ایسی صورت حال پیدا کر دی جائے کہ سترہ کروڑ عوام فوج او ر آئی ایس آئی کے خلاف ہو جائیں ، بھوک اور ننگ کا راج ہو جائے تاکہ عوام ملک کی سالمیت اور خود مختاری سے لاتعلق ہو جائیں اور صرف پیٹ کے بارے میں سوچیں۔ امریکہ کی یہ سازش جزوی طور پر نا کام ہوئی۔ مہنگائی ، لاقانونیت اور بھوک نے پاکستان کا کوئی کونہ بھی نہ چھوڑا لیکن امریکیوں کے لئے یہ بات حیرت انگیز ہوگی کہ اکثریتی عوام آج بھی پاک فوج اور اس کے ذیلی ادارے آئی ایس آئی کو ملک کے تحفظ اور بقا کی علامت سمجھتے ہیں اور سیاستدانوں کی نسبت فوج پر بہت زیادہ اعتماد کرتے ہیں۔

    اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ پاک فوج کے جوان، امریکی فوجیوں کی طرح نازک مزاج اور ڈرپوک نہیں ہیں۔ ان کا خمیر ایک ایسی مٹی سے اٹھا ہے جس میں لاکھوں شہیدوں کا لہو شامل ہے۔ شہادت کی تمنا ان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش ہوتی ہے۔ امریکی فوجی کی ماں اسے میدان جنگ کی طرف بھیجتے ہوئے اس کے لئے زندگی کی دعا کرتی ہے جبکہ پاکستانی فوجی کی ماں اپنے بیٹے کے لئے شہادت کی تمنا کرتی ہے۔

    زلزلہ ہو، سیلاب ہو ، قدرتی آفت ہو یا کسی اور طرح کی مصیبت ، پاک فوج کے جوان ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے سب سے آگے رہتے ہیں۔ جہاں تک آئی ایس آئی پرپراکسی وار کے بھونڈے الزام کا تعلق ہے تو امریکہ کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ پاک فوج اور آئی ایس آئی کے ساتھ ملک کے اٹھارہ کروڑ عوام بھی ہیں

    کسی ممکنہ امریکی جارحیت کا یقینا ایک متفہ ردعمل سامنے آئے گا جو ہمارے اتحاد اور یکجہتی کا مظہر ہوگا۔یہ اجتماعی ردعمل ہی دفاع کے بارے میں قومی اتفاق رائے سامنے لائے گا جو امریکہ کو ہوش میں لانے کا سبب بنے گا۔

    اے کاش ہمارے ماضی کے حکمران بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی دانش‘ بصیرت اور سنجیدہ غور و فکر پر مبنی داخلی اور خارجی پالیسیوں سے انحراف نہ کرتے تو پاکستان کی تاریخ مختلف ہوتی۔ قائداعظم نے خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول “Peace within and Peace without” ”امن اندرونی اور امن بیرونی“ قرار دیا تھا۔

    انہوں نے امریکہ کی معروف صحافی مارگریٹ بروک وائیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا۔ ”امریکہ اور پاکستان کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے مگر امریکہ کو پاکستان کی زیادہ ضرورت ہے کیونکہ پاکستان محل وقوع کے لحاظ سے دنیا کا محور ہے“۔ پاکستان کے اکثر حکمرانوں نے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو قومی مفادات کی بجائے اپنے ذاتی اقتدار اور گروہی مفادات کے لئے ہی استعمال کیا۔ مشروط امریکی امدا د کے سلسلے میں علامہ اقبال کے فلسفہ پر عمل کیا جائے۔
    اے طائر لاہوتی اس رزق سے موت اچھی
    جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی
    پانی پانی کر گئی مجھ کو قلندر کی یہ بات
    تو جھکا جب غیر کے آگے نہ من تیرا نہ تن

  3. مصباح بھائی یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے کہ

    پاکستان سے سچی محبت کرنے والے صحافی، سیاست دان اور دانشور جنرل ضیاءالحق سے کہتے تھے کہ امریکہ سے یاری نہ لگائیں یہ کام نکلنے کے بعد بے وفائی کرے گا۔ حب الوطنی پر مبنی یہی سنجیدہ رائے جنرل پرویز مشرف کو بھی دی گئی۔ پاکستان سے محبت کرنے والے افراد اور حلقے ایک بار پھر سرخرو ہو رہے ہیںکیونکہ ان کی رائے درست ثابت ہوئی ہے۔

    امریکہ 35 ہزار سول اور فوجی پاکستانی شہید کرانے اور پاکستان کو 70 ارب ڈالر کا معاشی نقصان پہنچانے کے بعد کھلی دھمکیوں پر اتر آیا ہے۔ یہ دھمکیاں پاکستان کی وزیر خارجہ اور ڈی جی آئی ایس آئی کے امریکی دورے کے بعد سامنے آئی ہیں جن سے پوری قوم تشویش اور اضطراب کا شکار ہو گئی ہے۔ چیئرمین جوائینٹ چیف آف سٹاف کمیٹی مائیک مولن نے براہ راست اور دو ٹوک الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے اور کابل پر حملہ آئی ایس آئی کی مدد سے ہوا اور اس مقصد کے لیے حقانی نیٹ ورک کو استعمال کیا گیا ہے۔

    امریکہ نے روایتی بے شرمی اور ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس وقت مالی امداد کو مشروط کر دیا ہے جبکہ پاکستان کے ایک کروڑ شہری کھلے آسمان تلے پڑے ہیں۔ آئی ایس آئی تو امریکہ کے دل میں ہمیشہ کھٹکتی رہی ہے کیونکہ یہ خفیہ ایجنسی اپنے مینڈیٹ کے مطابق پاکستان کے لانگ ٹرم مفادات کا ہر قیمت پر دفاع کرتی ہے جبکہ امریکہ چاہتا ہے کہ آئی ایس آئی امریکہ کا اسی طرح ساتھ دے جیسے اس نے روس کے خلاف افغان جنگ کے دوران دیا تھا۔ امریکہ کے وزیر دفاع لیون پینٹا بڑے سرگرم اور متحرک ہیں اور پاکستان کو دھمکیاں دینے میں پیش پیش ہیں۔ پاکستان کے وزیر دفاع احمد مختار پر اسرار طور پر خاموش ہیں نہ سنائی دیتے ہیں اور نہ دکھائی دیتے ہیں۔

    ایبٹ آباد میں امریکی جارحیت کے بعد پاکستان اگر موقع کے مطابق شدید رد عمل کا اظہار کرتا تو آج امریکہ کو کھلی دھمکیاں دینے کی بھی جرات نہ ہوتی ۔ وزیر اعظم پاکستان نے نہایت ”ماٹھا بیان“ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”امریکہ ہمارے ساتھ نہیں رہ سکتا تو وہ ہمارے بغیر بھی نہیں رہ سکتا“۔ مرد وزیر اعظم سے خاتون وزیر اعظم دلیر نکلی۔

    1989ءمیں جب خفیہ ایجنسیوں کو یہ مصدقہ اطلاع ملی کہ بھارت اور اسرائیل کہوٹہ پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تو محترمہ بے نظیر بھٹو نے پاکستان کے وزیر خارجہ صاحبزادہ یعقوب علی خان کو انتہائی سخت اور دلیرانہ پیغام کے ساتھ بھارت بھیجا۔ اس پیغام کے بعد بھارت اور اسرائیل کو کہوٹہ پر حملہ کرنے کی جرات نہ ہوسکی۔ خاتون وزیر خارجہ نے بھی امریکہ کے خلاف دلیرانہ بیان دیا ہے۔

    سوال یہ نہیں ہے کہ کیا امریکہ وزیرستان پر حملہ کرے گا وہ تو پہلے ہی ڈرون حملے کر رہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان کی فوج اور حکومت امریکہ کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کے عوام تو پہلے ہی قربانیاں دے رہے ہیں اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکہ افغانستان میں جنگ لڑ رہا ہے ۔

    دس سال کے بعد دہشت گردی کے بڑے واقعات نے امریکہ کے ہوش اڑا دئیے ہیں۔ امریکی صدر اوبامہ سخت اندرونی عوامی دباﺅ کا شکار ہیں۔ امریکی معیشت زوال کا شکار ہے ان حالات میں ہارا ہوا جواری کچھ بھی کر سکتا ہے۔ ایک اخباری اطلاع کے مطابق جب امریکی سینٹ میں پاکستان کی امداد کو مشروط بنانے کی قرارداد پیش کی گئی تو پاکستان کے حق میں صرف دو ووٹ ڈالے گئے جب سے حسین حقانی کو امریکہ میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے امریکہ میں پاکستان دوست لابی کمزور ہوئی ہے۔

    امریکہ کی کھلی دھمکی کے بعد لازم ہے کہ پاکستان جارحیت کو روکنے کے لئے مہم جوئی نہیں بلکہ ٹھوس دفاعی حکمت عملی ترتیب دے اور زمین پر نظر آنے والے دفاعی اقدامات اُٹھائے تاکہ امریکہ کو یہ یقین ہو جائے کہ اگر اس نے ایبٹ آباد آپریشن کی طرح پاکستان کی آزادی اور خود مختاری پر حملہ کیا تو پاکستان ہر قیمت پر امریکہ کو سخت جواب دے گا۔ ایٹم بم استعمال کرنے کے لئے نہیں بلکہ دشمنوں کو خوف زدہ کرنے کے لیے ہوتے ہیں بشرطیکہ عسکری اور سیاسی لیڈر اس کے اہل ہوں۔

    امریکی سفیر کو وزارت خارجہ میں بلا کر مائیک مولن کے دھمکی آمیز بیان کی وضاحت طلب کی جانی چاہیئے۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر منتخب عوامی نمائیندوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ سعودی عرب اور چین سے ہنگامی مشاورت کی جائے۔ سفارت کاری میں تیزی لانے کے لیے سفیروں کو متحرک کیا جائے۔ اپوزیشن لیڈر جناب نواز شریف نے پریس کانفرنس میں عوام کے جذبات کی ترجمانی کر تے ہوئے حکومت کو اس اہم قومی مسئلہ پر بحث کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    لہذا صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری بھی چاہیے کہ وہ چپ کا روزہ توڑ کر آئینی اور جمہوری فریضہ پورا کرتے ہوئے قوم سے خطاب کریں اور پاکستانی قوم کو اعتماد لینے کیلیئے امریکی نام نہاد دوستی کے خاتمے کا اعلان کرکے ملک کے عوام کے حقیقی جذبات کی ترجمانی کریں اور پاکستان کے بقاء سالمیت اور استحکام کی فکر کریں
    کہ
    وطن کی فکر کر ناداں قیامت آنے والی ہے
    تیری بربادیوں کے تذکرے ہیں آسمانوں میں

  4. اس حوالے سے معروف کالم نگار سرور منیر راو کا ایک اہم کالم “حقانی نیٹ ورک اور پاکستان امریکہ تعلقات۔ ۔ ۔ ۔ ۱” درج زیل ہے، دیکھئے حقائق کیا کہتے ہیں

    “حقانی نیٹ ورک اور پاکستان امریکہ تعلقات۔ ۔ ۔ ۔ ۱”

    پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اس وقت انتہائی کشیدہ مرحلے میں ہیں۔اس کشیدگی کی بڑی وجہ افغان حریت پسند راہنما جلال الدین حقانی کےخلاف امریکہ کی خواہش کےمطابق پاکستان کا کارروائی نہ کرنا ہے۔ جلال الدین حقانی کون ہیں اور ان کی کیا اہمیت ہے؟ اور امریکہ پاکستان کو کیوں مجبور کر رہا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کو ختم کرے اس حوالے سے ایک جائزہ قارئین کرام کی خدمت میں پیش ہے۔جلال الدین حقانی شمالی وزیر ستان کا ایک ایسا طالبان لیڈر ہے جس کا مشرقی افغانستان پر مکمل سیاسی اور عسکری کنٹرول ہے۔ افغان صوبہ پکتیا، صوبہ خوست، صوبہ لوگار اور صوبہ غزنی میں حقانی کی عمل داری ہے۔ اسکے علاوہ “وردک”اور کابل کے صوبے میں بھی حقانی کو کافی حمایت حاصل ہے۔حامد کرزئی کا اقتدار کابل تک محدود ہے۔

    امریکہ کا خیال ہے کہ حقانی کے پاس جدید عسکری ہتھیاروں اور ماڈرن ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کی پوری صلاحیت ہے۔وہ بارودی مواد کو نت نئے اور حیران کن طریقوں سے استعمال کرنے کی یکتا مہارت رکھتا ہے۔ حقانی نیٹ ورک افغانستان میں طالبان کو بم بنانے کے اہم بارودی جزو پوٹا شیم کلو رائیڈ کی سپلائی کا بھی اہم ترین ذریعہ بھی ہے۔

    ایک اطلاع کے مطابق حقانی نیٹ ورک کے پاس 15ہزار سے زائدافراد پر مشتمل انتہائی خطر ناک تربیت یافتہ عسکری فورس ہے۔یہ فورس افغانستان کے کسی بھی حصے میں کوئی بھی کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس نیٹ ورک پر یہ الزام بھی ہے کہ وہ افغانی اور غیر ملکی دہشت گردوں کو کیمپوں میں تربیت دینے کے علاوہ غیر ملکیوں کو اغوا اور ان سے تاوان بھی وصول کرتے ہیں۔ امریکیوں کا الزام یہ بھی ہے کہ حقانی گروپ ازبکستان، چیچنیا، ترکی، مشرقی یورپ اور پاکستان سے افرادی قوت لےکر انہیں دہشت گرد(مجاہد ین)بنانے کی تربیت بھی دیتا ہے ۔

    جلال الدین حقانی کی عمر اس وقت 70سال کی قریب ہے۔ حقانی ، اسامہ بن لادن کا قریبی ساتھی بھی رہا ہے۔افغان سوویت یونین جنگ کے دوران حقانی کو امریکہ اور پاکستان کا انتہائی با اعتماد ساتھی تصور کیا جاتا تھا۔جلال الدین حقانی حزب اسلامی کی تنظیم بنانے والے اہم افراد کے ساتھ ابتداءسے رابطے میں رہے ہیں۔ 1970میں جب حزب اسلامی کی تقسیم ہوئی تو حقانی نے گلبدین حکمت یار کی بجائے یونس خالص کا ساتھ دیا۔ وہ یونس خالص کی حزب اسلامی کا عسکری کمانڈر بھی رہا۔امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کےساتھ اسکے ابتداءہی سے قریبی تعلقات رہے۔ ایک اطلاع کے مطابق انہوں نے امریکہ کے خصوصی مہمان کے طور پر وائٹ ہاﺅس کا دورہ بھی کیا اور وہاں امریکی صدر ریگن سے ملاقات بھی کی۔ انہی ایام میں حقانی نے ایک مضبوط عسکری فورس تیار کی جس نے سوویت یونین کےخلاف جنگ میں انتہائی موثر کردار ادا کیا۔ افغان سوویت یونین جنگ کے دوران جلال الدین حقانی نے خوست کی جنگ جیت کربھی دی۔

    افغانستان میں طالبا ن کی حکومت کے قیام کے بعد جلال الدین حقانی کو قبائلی امور کا وزیر مقرر کیا گیا۔ 2001میں اسامہ بن لادن نے انہیں طالبان کی افواج کا چیف کمانڈر بنا دیا۔اس طرح طالبان کی تمام افواج ان کے تابع ہو گئی۔ وہ طالبان کی مجلس شوریٰ کے رکن بھی رہے۔ آجکل جلال الدین حقانی اور افغانستان کی طالبان قیادت کے درمیان خوشگوار تعلقات نہیں ہیں۔ حقانی پشتونوں کے غلزئی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ طالبان قیادت کا تعلق درانی قبیلے سے ہے۔ غلزئی قبیلہ سویت یونین کو شکست دینا ایک اعزاز سمجھتے ہیں اور اب تک اس پر نازاں ہیں۔

    جلال الدین حقانی روانی سے عربی بولتے ہیں۔ انکی دو بیویوں کا تعلق متحدہ عرب امارات سے ہے۔حقانی کے گلف اور سعودی عرب سے قریبی تعلق رہے ہیں اور ان ممالک سے انہیں مالی معاونت بھی حاصل رہی ہے۔ اسامہ بن لادن کا افغانستان میں پہلا کیمپ بھی جلال الدین حقانی نے تشکیل دیا۔جلال الدین حقانی مذہبی اعتبار سے مصر کی انقلابی شخصیت سید قطب کے نظریات سے متاثر ہیں۔ اور مسلم امہ کے اتحا د اور اسلامی اقدار کی ترویج چاہتے ہیں۔امریکیوں نے حقانی گروپ پر کئی ڈرون حملے بھی کئے ہیں۔ حقانی کا ایک بیٹا عمر حقانی ،دو بیویاں، ایک بہن ،ایک سالی اور آٹھ پوتے پوتیاں ان حملوں میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔مارچ 2009میں امریکہ نے جلال الدین حقانی کے سر کی قیمت پچاس لاکھ ملین ڈالرز مقرر کی۔

    امریکہ کو اس پر بھی تشویش ہے کہ حقانی نیٹ ورک افغانستان میں تو اپنی کارروائیاں کرتا ہے لیکن پاکستان میں اس گروپ نے ایسی کوئی کارروائی نہیں کی جس سے پاکستانی عوام یا حکومت کو نقصان پہنچا ہو۔امریکہ کا خیال ہے کہ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی پس پردہ حقانی نیٹ ورک کو مدد فراہم کرتی ہے۔ اس شک کی بناءپر امریکی ایڈمرل مائیکل مولن نے آئی ایس آئی پر الزامات لگائے ہیںکہ کابل پر امریکی سفارت خانے اور نیٹو کے فوجیوں پر حقانی نیٹ ورک کا حملہ میں آئی ایس آئی کی معاونت سے ہوا۔ا مریکہ سے پاکستان کو دی جانےوالی ایک ارب ڈالر کی امداد بھی حقانی گروپ کےخلاف کارروائی سے مشروط کر دی گئی ہے۔ پاکستان کی حکومت اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں حقائق کے منافی اور تکلیف دہ قرار دیا ہے۔

    پاکستان کے پاس کس چیز کی کمی ہے۔ ہم اپنا غلہ خود اگاتے ہیں۔ قدرت نے ہمیں قیمتی قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے نوازا ہے۔ ڈپلومیسی کی بھی کوئی تو حد ہوتی ہے۔ جب آپ کا اقتدار اعلیٰ اور خود مختاری داﺅ پر ہو تو جھکنا قومی حمیت کے خلاف ہے۔ ہمیں افغانستان کے سبھی قبائل کو ناراض کر کے امریکہ کو خوش کرنے سے کچھ نہ ملے گا۔اگر حقانی گروپ نے بھی دوسرے افغانی گروپوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیاں شروع کر دیں توہمارا کچھ نہ بچے گا۔امریکہ کی خواہش ہے کہ پاکستانی سیکورٹی ایجنسی اور افواج حقانی گروپ کےخلاف کارروائی کریں تا کہ امریکی فوجیوں کی جانیں بچی رہیں۔ وقت نے ہمیں یہ سبق دیا ہے کہ اگر یہ کارروائی کرنی ہے تو امریکی فوجیں آگے آئیں اور نقصان بھی اٹھائیں جب امریکی فوجوں کی لاشیںامریکہ پہنچیں گی تو انہیں احساس ہو گا کہ کسی ملک پر قبضے کی کیا قیمت ادا کرنا ہوتی ہے۔ افغانستان کے عوام اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔وہ اپنے ملک کو غیر ملکی تسلط سے آزاد کرانا چاہتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ ہمیں یہ حق بھی نہیں پہنچتا کہ اگر کوئی افغانی گروپ اپنے وطن کو امریکی چنگل سے آزاد کرانا چاہتا ہے تو ہم امریکہ کا ساتھ مل کر اسی کو کچل دیں ۔ وقت آ گیا ہے کہ ہمیں کھل کر اپنے عظیم تر قومی مفاد کا تحفظ کرنا ہے۔ کوئی قوم کسی دوسرے ملک کے سہارے زیادہ دیر تک زندہ نہیں رہ سکتی۔

    تاریخی حقیقت یہ ہے کہ امریکہ افغانستان میں اپنے ہدف حاصل نہ کر سکنے کی بناءپر شدید جھنجھلاہٹ کا شکار ہے۔وہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے پہلے حامد کرزئی کے ذریعے پاکستان کو ذمہ دار قرار دیتا رہا ہے اور اب براہ راست پاکستان کو مطعون کرنا چاہتا ہے۔ وہ افغانستان سے لوٹتے ہوئے اس خطر ناک مہم میں ناکامی کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔ امریکہ افغانستان سے نکلنے کے بعد کی صورتحال کو اپنے حق میں رکھنے کے لیے انتہائی اقدامات کرنا چاہ رہا ہے۔ جس کے تحت وہ ایسی حکمت علمی اپنائے ہوئے ہے کہ امریکہ کے جانے کے بعدافغانستان میں پاکستان کا کوئی ہمدرد نہ رہے۔ یہ صورت حال مستقبل کے پاکستان کے لیے انتہائی خطر ناک ہو گی۔ ہماری عسکری اور فوجی قیادت کو اس صورت حال کے پیش نظر اپنی حکمت عملی ترتیب دینے چاہئیے اور کسی بھی قیمت پر امریکی نہیں صرف اور صرف پاکستان کے مفادات کا خیال رکھنا ہے۔ہماری قیادت کو انتہائی واضح اور موثر انداز میں امریکی قیادت اور دنیا کے میڈیا کو یہ باور کرانا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف تو ہے لیکن کسی بھی ملک کی آزادی اور خود مختاری کو ختم کرنے میں امریکہ کا ساتھ نہیں دے سکتے۔

  5. یہ ہے ہماری قربانیوں کا صلہ

    یہ ایک حقیقت ہے کہ امریکہ ایک ایسا ملک ہے جس کیلئے کوئی بھی ملک جتنی بھی قربانیاں دے لیکن اُس کے باوجود بھی امریکہ کسی بھی قربانی کا صلہ دینے کیلئے تیار نہیں ہوتا بلکہ اس ملک کے خلاف سازشوں کے جال بننا شروع کر دیتا ہے۔ پاکستان نے امریکہ کیلئے کیا کچھ نہیں کیا۔ پینتیس ہزار جانوں اور 70 ارب ڈالر کا نقصان ، ملکی معیشت ، سیاست ، سماجیت ، تقسیم در تقسیم کے عمل کے باوجود بھی امریکہ ہم پر اعتبا ر کرنے کیلئے تیار نہیں۔

    دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر امریکہ کیلئے ہم نے سب کچھ قربان کر دیا۔ ہم نے دنیا کو دہشت گردی سے بچانے کیلئے خلوص نیت سے اپنا سب کچھ دائو پر لگا دیا لیکن امریکہ نے ہم سے ہر جگہ دھوکہ کیا اور اپنے مفادات کیلئے لڑی انے والی جنگ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کا نام دے کر ہم سے ہر قربانی لی لیکن بدلے کا وقت آیا تو امریکہ کی تمام تر نوازشیں بھارت پر اتری۔

    افغانستان میں امریکہ نے بھارت کیلئے پاکستان مخالف ماحول فراہم کیا۔ پاکستانی سرحد کے ساتھ بھارت کے قونصل خانوں کے نام پر درجنوں دہشت گردوں کو تربیت دینے کے مراکز کھولے گئے۔ ان مراکز سے ہی دہشت گرد بلوچستان اور قبائلی علا قوں میں داخل ہوکر دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں یہ سب کچھ امریکہ کی نظروں کے سامنے ہو رہا ہے لیکن امریکہ بہادر نے بھارت کو آزادی دے رکھی ہے۔ یہ پا کستان ہی ہے جس نے القاعدہ کے بڑے بڑے رہنمائوں کو گرفتار کیا ،

    پاکستان کی اگر مدد حاصل نہ ہوتی تو امریکہ ، افغانستان کی سرزمین پر کب کا شکست سے دوچار ہوکر بھاگ چکا ہوتا۔ پاکستان نے امریکہ اور اتحادیوں کیلئے سپلائی لائن دی ہے جس سے گزر کر اتحادی افواج کیلئے راشن جاتا ہے۔ پاکستان نے ہی امریکہ کے کہنے پر افغانستان سے روس کو شکست دی اور لاکھوں افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھایا۔

    الغرض پاکستان نے اپنا سب کچھ قربان کیا لیکن امریکہ کے ہاں ہماری ایک بھی قربانی قبول نہیں اور ہم آج بھی اس کی نظروں میں ناقابل اعتبار ٹھہرے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اگر ہم ناقابل اعتبار ہیں تو افغانستان میں تو امریکہ اور اس کے اتحادی تمام تر فوجی طاقت کے ساتھ موجود ہیں تو اس کے باوجود ہماری مدد طلب کیوں کی جاتی ہے۔ امریکہ کو اپنی طاقت کا زعم ہے اور آج کی جدید ترین عسکری طاقت سے لیس ممالک بھی اُس کے ساتھ افغانستان میں طالبان اور القاعدہ کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

    افغانستان میں اگر فوجیں ہیں تو امریکہ اور اتحادیوں کی ہیں ۔ حقانی نیٹ ورک بھی افغانستان میں ، القاعدہ بھی افغانستان میں اور طالبان بھی افغانستان میں اور امریکی قبضہ بھی افغانستان میں تو سوال یہ ہے کہ پاکستان کو بیچ میں کیوں لایا جارہا ہے۔ کیا امریکہ اور اس کے اتحادی اپنی تمام تر عسکری طاقت کے باوجود بھی افغانستان میں ناکام ہوئے ہیں؟

    اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال کر دنیا میں پاکستان کو بد نام اور پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کو پامال کرنے کے بہانے ڈھونڈ ے جارہے ہیں؟ پاکستان تو خود دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑتے لڑتے دہشت گرد کا شکار ہوچکا ہے۔ ا س جنگ میں جس قدر نقصان پاکستان کا ہوا ہے اتنا امریکہ کا بھی نہیں ہوا۔ امریکہ اور اس کے اتحادی پاکستان کے نقصان کا ازالہ کرنے کی بجائے اگر الزامات لگا رہے ہیں تو اس سے تو یہ مطلب اخذ کیا جاسکتا ہے

    کہ

    امریکہ اور اس کے اتحادیوںکی ترجیح القاعدہ اور طالبان کے خلاف جنگ نہیں بلکہ پاکستان کو دبائو میں لاکر اپنے مفادات حاصل کرنے ہیں۔ امریکی الزامات اور اقدامات سے تو یوں محسوس ہو رہا ہے کہ اب امریکہ اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کے خلاف صرف کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔

    ضرورت اس امر کی ہے کہ امریکہ کے ان الزامات اور سازشوں کو د یکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف اس نام نہاد جنگ سے کنارہ کشی اختیار کی جائے او ر عزت و وقار کے راستے کا انتخاب کرکے عزت سے جینا سیکھا جائے۔

    ہم سمجھتے ہیں کہ امریکہ کی سازشیں پاکستان کے خلاف اب عروج پر پہنچ چکی ہیں اس لئے حالات کا تقاضا یہ ہے کہ اپنی سلامتی اور خود مختاری کو بچانے کیلئے قوم میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے زندہ اور باوقار قوموں کی طرح رہنے کا سلیقہ اپنایا جائے۔ امریکہ کیلئے جتنا بھی کیا جائے پھر بھی ہمارے حق میں کوئی بھی فیصلہ کیلئے تیار نہیں ہوگا۔ اس لئے بہتر یہی ہے کہ اس نام نہاد جنگ سے ہی علیحدگی اختیار کی جائے

  6. احمد ترازی۔بہت خوب۔یہ تو مکمل مقالہ ہے۔اسکو بلاگ میں بھی لاگ رہنے دیں اور کالم میں بھی لگا دیں۔ دونوں جگہ کے قارئین مختلف ہیں

  7. اسلام و علیکم

    سب سے پہلے تو اتنے عرصے کے بعد حُسین بھائی کی خیر خبر ملی خدا کا شکر ہے ۔ خدا تعالی حُسین بھائی کو کمبی زندگی صحت کے ساتھ عطا کریں الہی آمین ۔

    اور سچ کہتی ہو حُسین بھائی آپ کا کالم بہت بہت بہت اچھا ہے ایک فکر لئے ہوئے بہت سے مسائل کو اجاگر ہی نہیں کیا بلکہ بہت ہی خوبصورتی سے اُن کا حل تجویز کیا ہے اور کسی بھی فکری انسان کی فکر سوچ اور خیال کی پرواز کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی نگاہ صرف مسئلے کو ہی نہیں دیکھتی رہ جاتی بلکہ اس کا حل بھی تلاش لاتی ہے ہم جیسوں کے لئے ۔

    بہت خوب ۔۔

    خدا کرے زور ِ قلم اور زیادہ ۔۔

    شاد و آباد اور مولا کی آمان میں رہیں الہی آمین

    دُعا گو

    سیدہ ثمرین بخاری

  8. محترم احمد ترازی صاحب
    اسلام و علیکم

    آپ کا بہت بہت شکریہ اتنی ساری اہم باتوں کو یہاں پوسٹ کرنے کا ۔۔ یہ سچ میں ایک بہت ہی اچھا مقالہ ہے جیسا کہ حُسین بھائی نے کہا ہے ۔۔

    جزاک اللہ

  9. آغا جی سلام مسنون۔ آپکا لکھا ہمارے لئے سند ہے اور باعث افتخار ہے۔ بہت شکریہ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    بھائی احمد ترازی ہم آپ ایک ہی کشتی کے سوار ہیں۔ میں جہاں ایک بیج بویا تھا، وہاں آپ نےفکر و دانش کا پورا چمن آباد کردیا ہے۔ لیکن دوسری طرف ہماری بے حسی دیکھئے کہ کسی اور نے اس موضوع کو درخور اعتناءنہیں جانا۔ آج جو کچھ ہو رہا ہے، در اصل ہماری خود پرستی اور معاشرتی ذمہ داریوں سے بے پروائی کے سبب سے ہی ہے۔
    اللہ تعالیٰ آپ کے علم اور قلم میں اور قوت پید کرے۔ آمین۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ثمرین بہین آپ نے توجہ دی، بہت شکریہ۔ آپ کو مضمون فکری اور با مقصد لگا، زہے نصیب۔دعا کریں کہ اللہ کریم ہمیں صحیح راستے پر چلنے اور اس پر قائم رہنے کی تقفیقات عطا فرمائے۔ آمین
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نگہت آپی آپکا بہت بہت شکریہ۔ آپ کی مسیحا مزاجی مجھے سدا ہمت دیتی رہتی ہے اور مشکل سے مشکل موضوع پر لکھنا آپ کی ہمرکابی میں آسان تر ہوجاتا ہے۔ قدر شناسی اور عزت افزائی پر بہت بہت شکریہ۔
    نا چیز اور بھائی
    مصباح

  10. بہت شکریہ بابا اور مصباح بھائی آپ کا

    مصباح بھائی کسی سے کیا شکوہ ہمیں تو بس اتنا معلوم ہے کہ ہمارے دل و ضمیر اور فکر و احساس کا ہم سے یہی تقاضہ ہے اللہ نے اگر احساس فکر دیا ہے تو جو محسوس ہوگا وہ ضرور لکھیں گے کہ یہی جہاد ہے اور ہم کبھی بھی کسی طور اس فکری جہاد سے بری الذمہ نہیں ہوسکتے کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ

    ہم ہی کو جرات اظہار کا سلیقہ کا ہے
    صدا کا قحط پڑے گا تو ہم ہی بولیں گے

    کوئی سنے یا نا سنے کوئی ساتھ دے یا نہ دے انشاء اللہ ہم اور آپ اپنا کام اسی طرح کرتے رہیں کیونکہ اقبال نے کہا نا

    نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشت ویراں سے
    ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی ذرخیر ہے ساقی

  11. مصباح بھائی
    اصل معاملہ یہ ہے کہ امریکہ کو خطے میں رہنے کیلئے ایک ہوا چاہیے۔
    سب سے پہلے اسامہ بن لادن تھا
    پھر اس پس منظر میں دھکیل کر ابو مصعب الزرقاوی کو ہوا بنا دیا
    اس کے بعد صدام حسین دنیا کی سب سے بڑی برائی اور خوفناک شخصیت قرار پایا
    پھر بیت اللہ محسود
    تھوڑے سے وقفے کے بعد حکیم اللہ محسود
    اور
    پھر اچانک
    اسامہ بن لادن
    اور
    تازہ ترین
    حقانی نیٹ ورک۔

    ساری جنگ کے دوران امریکہ نے ایک بار پھر سراج حقانی کو خطرناک قرار نہیں دیا لیکن اب ان کا ہوا کھڑا کرکے پاکستان کی فوج اور آئی ایس آئی کو دبائو میں لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

  12. سرکار بیت بازی شروع کی کیجئے ابھی دیکھئے گا کہ عشاق کیسے پروانہ وار نثار ہونے کو آتے ہیں.فکری موضوعات کا یہی مسلہ ہے.اسمیں ذرا انٹر نیٹ کٹ پیسٹ کا کام بھی کم ہی ہے اس لیئے……..بس اللہ ہی اللہ….میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ تعداد کو مسلہ ہی نہیں بنانا چاہیئے.کیا ضروری ہے کہ دو سو افراد درست بات کریں گے اور دس کی بات غلط ہو گی؟ بس اپنے اپنے حصے کی شمع جلاتے رہیں

  13. میں نے کل سے کئی بار اس کالم کوپڑھا ہے اور ہر بار ایک نیا رخ دیکھا …

    سب سے پہلے تو عنوان دیکھئے …جاگ ورنہ آدمی کی موت مارا جائے گا۔۔۔! مجھے عنوان جب تک متاثر نہ کرے نہ تو میں کوئی کالم خوشی سے پڑھ سکتی ہوں اور نہ اس کی روح تک پہنچنے کو جی کرتا ہے ..مصباح بھائی کے کالم کے اس عنوان نے مجھے بے حد متاثر کیا ” آدمی کی موت” اب اس عنوان کا لطف وہی لے سکتا ہے جو انسان اور آدمی کا فرق سمجھتا ہے ..اور فرق یہ ہے کہ عقل کا حامل انسان ہے اور خالی گوشت پوست کا آدمی ۔ ایک اور تشریح یہ ہے کہ آدم کی وجہ سے آدمی کہا گیا اور انسان کی یہ ہے کہ اللہ کریم و رحیم نے حضور کو انسانیت کے لیئے رہنما بنا کر بھیجا … لفظ آدمیت نہیں استعمال ہوا … سو اس حوالے سے آدمی کی موت یعنی بےمقصد ارذاں سی موت .. سو جاگیں اور خود احتسابی سے گزریں اور پھر اپنے اپنے حصے کا کام کریں

    انسان کو اپنی زندگی میں کیا ایسا تفکر کرنا چاہئے جو اسے جگائے رکھے اور اسے آدمی کی موت سے بچا لے ..ان کاموں کی تفصیل بتاتے ہوئے کالم کے کچھ حصے انتہائی حساس اور قیمتی ہیں .. جو بلا شبہ ساتھ رکھے جا سکتے ہیں

    تمہید باندھنے کے لئے یہ دو سطریں پورے پاکستان ہی کیا پوری دنیا کے ہر مسلم ملک کی مکمل تصویر کشی ہے ….
    1.”فوج لڑنے کے اہل نہیں، خزانہ خالی ہے اور حاکم غدار ہے۔ معیشت ناکام، صنعت نا پید، وسائل کی کثرت مگر مقبوض، عوام کا حوصلہ پست اور امور مملکت سے بے خبر ہیں۔ جبکہ دشمن ہماری صفوں میں ہمارے ہی روپ میں گھس کر ہم سے محو جہاد ہے ”

    2.مسجدیں بے فکر نمازیوں سے پُر ہیں جو نہ اپنے وجود کا مقصد جانتے ہیں نہ اپنے سجود کی قیمت

    3. جس رزق میں موت کا سامان ہو اسے کوئی نابینا تو چھوڑ دے تو چھوڑ دے، لیکن صاحبان چشمان کی بے دیدنی، قابل دید وحسرت آویز ہے

    4.نہ دعائیں کام ٓآتی ہیں نہ تسبیحات۔ خود اللہ تعالیٰ نے نوع انسان کو یہی کہا ہے کہ جو کوشش کرو گے صرف وہی ملے گا

    5.اگر ہم اب بھی اپنے زندہ ہونے کا ادراک کر لیں اور اپنی زندگی کا ثبوت اپنے دست و پاء اور عقل و فراست سے دیں تو خدا کا مہربان ہونا کچھ بعید نہیں ہے

    6 مایوسیوں کی نحوست سے چھٹکارے کے لئے امید کے چراغ ہمیں اپنے عمل سے روشن کرنا ہونگے

    7. جو غلط ہے اسے کھُل کر غلط کہئیے اور جو درست ہے اسے کھل کر حق مانئیے

    8. جان بے خبری میں مت دیں

    9. سب سے پہلے ایک قوم ہونے کا ثبوت دیں اور شیعوں کے جنازے سنی مساجد سے ادا کریں اور سنیوں کے جنازے ماتمی جلوسوں میں رواں کریں

    10.دوسروں کا خون اپنی جان سے زیادہ محترم جانیں اور ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں

    11. اگر دشمن ٹوٹ پڑے اور ہم بے سروسامانی کے باوجود مل کر کھڑے ہو جائیں تو کوئی قوم اٹھارہ کروڑ فوج سے جیت نہیں سکتی

    12.جس شے کی ضروت ہے وہ فقط ذوق یقین ہے جو کہنے کو ایک لفظ ہے لیکن پانے میں سالہا سال کی عبادتوں سے بزرگ تر اسکامقام ہے

    مصباح حسین جیو میرے بھائی … خوش رہیں اور خوشحال رہیں … اللہ کریم اپنے حبیب پاک کے صدقے میں جگانے والے قلم کی توفیقات میں اضافہ فرمائے ..آمین

  14. نگہت آپی اس قدر باریک بینی کا بہت زیادہ شکریہ۔
    کسی لفاظی اور جذباتیت سے بالا تر ہو کر یہ کہنا ضروری جانتا ہوں کہ ہم سب اپنی اپنی ذات کےبت خانے میں مقید ہیں جہاں باہر کی روشنی آتی ہے نہ ہوا۔ اس لئے زمانہ کوئی چال چلے، ہماری آنکھ کھلتی ہے نہ کان پر جنبش ہوتی ہے۔ ہماری ذات کے اصنام ہمارے مقاصد، عزائم، انا، دولت، چاہت اور مقابلے بازی کی صورت ہماری خواہشات کے مندروں میں سجے ہیں۔ ان بتوں کے سامنے ناک و جبیں رگڑتے رگڑتے، ہمارے ضمیر مر چکے ہیں یا اس پجاری کلبوت کا دامن چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ ہم ھل من مزید کی صداوٗں کے سوا کچھ اور نہیں جانتے اور شور اس قدر زیادہ ہے کہ خود اپنی آواز بھی نہیں پہچان سکتے۔
    اسی لئے حضور پاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ جہاد بالنفس، جہاد بالسیف سے عظیم تر جہاد کی منزل ہے۔ لات منات اور عزیٰ جیسے پتھر کے صنم تو قوم گرادیتی ہے لیکن اپنے نفس میں چھپے بتوں کو توڑنا بہت مشکل کام ہے۔ سب سے دلیر انسان وہی ہے جو اپنی غلطی تسلیم کر لے۔ جو یہ کرتا ہے اسکا مطلب ہے کہ وہ خدا کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا۔ ورنہ رسوائیوں، جگ ہنسائیوں اور دشمنوں کی طبع آزمائیوں کے خوف سے، یا دوستوں کی رنجشوں، اپنوں کی دوری، تنہائی، جاہ حشم میں کمی، مال و اسباب کے ضیاع اورامیدوں کی شکستگی کے ڈر سے یا پھراپنی اکڑ کے زعم میں انسان اپنی غلطی کا اعتراف نہیں کرتا اور یوں ایک خدائے واحد کے سوا زمانے بھر کے جعلی خدا ہمارے دلوں میں بس رہتے ہیں۔ یہ چھپے ہوئے بت زمانے بھر کی آنکھوں سے پوشیدہ ہوتے ہیں ، اس لئے فتح مکہ میں بھی سلامت رہ جاتے ہیں انہی جعلی خداوٗں کے پیامبر ابوجہل اور ابو سفیان جیسے اہل غنیمت کی صورت میں کبھی نمودار ہوتے ہیں تو کبھی ہماری شکل میں۔ ۔ اسی لئے ان کو پاش پاش کرنا جہاد بالسیف سے عظیم اور مشکل جہاد ہے۔
    اگر آج ہم اپنے رویوں پر نظر ڈالیں تو ہم کسی کی بات کی قیمت جاننے سے پہلے اسکا قد ناپتے ہیں اور اپنی ذات کے ساتھ اسکی وفاداریوں کا پیمانہ مقرر کرتے ہیں۔ جب قوموں کی یہ حالت ہو تو پہلے ان سے یوسفؑ نبی جیسے حکمران غائب ہوتے ہیں اور فراعین مصر کے ایوان آن سجتے ہیں۔ پھر خدا موسیؑ بھیج کر قوموں کی آزمائیش کرتا ہے اور آفات بھیج کر ان کے ضمیر کو جھٹکے دیتا ہے۔ پھر بھی کوئی نہ جاگے تو موسیٰؑ بارہ قبیلے لیکر دریا پار نکل جاتا ہے اور قوم فرعون غرق نیل ہو جاتی ہے۔
    عصائے موسیٰؑ سے لیکر شق القمر تک کے معجزے ظاہر بین آنکھوں کو خیرہ کرنے کے لئے تھے، ورنہ دلیل حق تو خود ضمیر انسانی میں روشن رہتی ہے۔ اسی لئے معجزے اہل ایمان کے تقاضوں پر نہیں، بلکہ اہل بغا و ظغا کی خواہشوں پر رو نما ہوتے رہے۔ حقیقت میں یہ معجزے اہل جہالت پر علم خدا کی پھٹکار تھے۔ اس لئے ان نشانیوں کے آنے سے پہلے ہی ہمیں اقرار و قیام حق اور ابطال الباطل کرنا ہوگا۔ اگر ہم یہ خیال کریں کہ ہماری مدد کو کوئی معجزہ آئے گا تو اس کودل سے نکال دینا چاہئے۔ اپنی تقدیر خود ہمارے ہاتھوں میں ہے۔
    جب دلیل و برہان کی شمع روشن اور پیغام واضح ہے اور ہم اس کو جھٹلا بھی نہیں رہے اور قبول بھی نہیں کر رہے تو پھر ہم پر وقت کے فراعین کا مسلط ہونا یقینی ہے۔ آئے دن کے زلزلے، سیلاب، بیماریاں، آفات آخر ہمارے گھروں کا رخ ہی کیوں کر رہے ہیں؟ یاد رکھیں کہ یہ چیزیں بھی اس وقت تک آتی ہیں جب خدا مہربانی سے کسی قوم کو جگانا چاہ رہا ہو ورنہ اسکو صرف ایک چنگھاڑ میں قوم لوط کو صفحہ ہستی سے مٹانا آتا ہے۔
    اللہ ہمارے حال پر رحم کرے۔ آمین۔

  15. آپکا کالم پڑھا .حسب روایت اپنی تمام تر توقعات پر پورا پایا . جیسے ہی اس کالم کی اشاعت ہوئی دوسری طرف سے میڈیا میں ایک ہلچل سی ہوگئی . ان حالات کا سبب وہی ہے جو آپ نے اپنے کالم میں تحریر کیا . لیکن اب کیا کیا جائے . یہ ایک ایسا سوال ہے جو پاکستان میں ہی بسنے والوں سے وابستہ نہیں بلکہ ہر اس پاکستانی سے جو جہاں کہی بھی رہے اپنے وطن سے جڑا ہے .
    کیا اس کا حل فوج کی مداخلت ہے . ؟
    میں یہ سمجھتا ہوں کہ مارشلاء اس کا حل نہیں ہے لیکن اگر زرداری کی نرم داری ایسی ہی گرم رہی تو ان حالت میں ناگزیر عمل ہوجائے گا ورنہ فوج کو اندر حکمرانوں کو دھمکی دینی ہو گی اور بایر امریکہ اور اس کے حواریوں کو . پھر ڈٹ جانا ہو گا اپنے فیصلوں پر .

    کیا ” آل پارٹی کانفرنس” سے کوئی حل نکل سکتا ہے ؟
    مجھے تو یوں لگتا ہے مصباح صاحب جیسے یہ بھی ایک فارمیلٹی پوری کی جا رہی ہے . سب نے کیا کہنا ہے یہی نہ کہ یار جنگ نہ کرو اس کو ٹالنے کے لئے کوئی بیچ کی راہ اختیار کی جائے . یعنی حکمران پارٹی کو متفقہ رائے سے امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کا ٹھیکہ مل جائے گا .

    دیکھئے بھائی صاحب آگے آگے کیا ہوتا ہے .لیکن پاکستان کو اس وقت سب سے زیادہ اپنی خارجہ پالیسیوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے .
    خیر اندیش
    فتح باز خان
    ( یہ تبصرہ مجھے ای میل میں ملا تھا .. شکریہ
    نگہت نسیم )

  16. گیسوئے تابدار کو اور بھی تابدار کو
    ہوش و خرد شکار کر قلب و نظر شکار کر
    علامہ اقبال

  17. برادر مکرم سید نجم السبطین حسنی خود صاحب نظر اور اہل فکر ہی نہیں، بلکہ میرے نظریات کے مصدر بھی ہیں میری فکر کے پالن ہار بھی۔ انہی کے بچے کچھے الفاظ مجھے کچھ کہنے کی جسارت دیا کرتے ہیں۔ حالیہ مضمون پر انہوں نے چند سطریں کشید کی ہیں جو میرے لئے مقام مباہات ہے۔ سو انکی اس ہمت افزا تحریر کو صرف صاحبان عقل و خرد کے سامنے پیش کر رہا ہوں۔
    انہوں نے لکھا کہ:۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    مصباح جی۔۔۔۔ سلام۔۔ مضمون پڑہا ۔ ہر دیدہ ور کی آواز یہی ہے۔۔ ہماری قوم کے پست ترین رنگیلے لیڈروں نےملک کا بیڑہ غرق کر ڈالا ہے۔ امریکہ کے سامنے سر جھکنے کی وجہ ہی یہ ہے کہ نہ کسی کے پاس کردار ہے اور نہ حمیت کی ۔کوئی کسک۔۔۔ ہر آدمی اپنے مفادات میں اضافےاور اپنے مد مقابل کے حقوق پامال کرنےکی فکر میں ہے۔ کسی کے پاس در حقیقت کوئی ٹھوس نظریہ زندگی نہیں ہے سوائَے اس کے کہ دولت کو کیسے سمیٹا جائے صدر، اوزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ وزراءمُشیران، اپوزیشن کے بڑے بڑے کردار یہ سب کے سب قارون کے جرثومے ہیں اور اپنی اپنی حقیر سی وسعتوں کے فرعون۔۔۔۔ خون بہتا رہے گھر برباد ہوتے رہیں ان کو کوئی حادثہ بیدار نہیں کر سکتا۔ قوم بھی لیڈروں ہی کے رنگ میں رنگی ہوئی ہے اور قوم کی بجائے کتب سماوی کے لہجے میں بد قوم کہلاسنے کی مستحق ہے۔ امریکہ ہماری قوم اور رہنماوٗن پر عذاب کا نام ہے۔۔ غیرت فروش اور دین کے نام سے اپنے حقیر اور تاریک نظریات کو پھیلانے والے نام نہاد مذہبی رہنما بھی سامری کی مثال ہیں جو اپنے نفس کی بد نمائی کا داغ پوری دھرتی کے ماتھے پر نمایاں کر چکے ہیں۔۔۔ آپ کا مضمون بہت بیدار کن ہے مگر پاکستان میں بیداری کا پیغام پہنچانا بھی اب اسی طرح بے اثر ہے جس طرح سوئے ہوئے مسلمان کے سر ہانے “الصلوٰۃ خیر مِن النوم” کا اعلان ۔ یعنی جو اللہ اکبر کی صدا سے لیکر حی علی الصلوٰۃ اور حی علی الفلاح تک اتنی اذان سن کر نہیں جاگا وہ “خیر من النوم سن کر کیا جا گے گا۔۔۔ سالوں سے اتھتے ہوے جنازے اور قتل ہوتے ہوے معصوم لوگوں کے ہجوم اس قوم کو بیدار نہیں کر سکے تو ایک درد مند کی ایک صدائے الحذر سے اس قوم کے کانوں پر کیا جوں رینگے گی۔۔ تاہم درد دل کا تقاضا ہے کہ پیغام آخری سانسوں تک جاری رکھا جائے۔۔ یہ قوم ناقہ صالح کی کونچیں کاٹنے والوں سے مختلف نہیں ہے اور صرف اپنی اکشریتی ضد کو سیاست، دین اور فلسفہء زندگی سمجھتی چلی آ رہی ہے۔۔۔۔ فاعتبرو یا اولی الابصار۔
    سید نجم السبطین حسنی
    ________________________________________

  18. برادر ذی عز و شرف جناب فتح باز خان صاحب۔ سلام مسنون۔
    تحریر آپ کو با مقصد لگی، بہت شکریہ۔ خدا کرے کہ جس قوم کے لکھی ہے، اسے بھی کوئی جگا سکے۔ مجھے آپ سے اتفاق ہے کہ انجام اس سارے کھیل کا نورا کُشتی کی صورت ہی برا٘د ہوگا اور اس ہولناک کھیل کے پس منظر میں نجانے کس بات سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے اور کس شاہین بچے کے بال و پار کاٹے جائیں گے۔
    اللہ گواہ ہے کہ مجھے شدت کے ساتھ حضرت اقبال علیہ الرحمہ کی کمی محسوس ہو رہی ہے جو شاید کسی طور ہمیں بیدار کر سکتے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ بقول فیض مرحوم


    1. پھر کوئی آیا دلِ زار! نہیں کوئی نہیں

      راہرو ہوگا، کہیں اور چلا جائے گا

      ڈھل چکی رات، بکھرنے لگا تاروں کا غبار

      لڑکھڑانے لگے ایوانوں میں خوابیدہ چراغ

      سوگئی راستہ تک تک کے ہر اک راہگزار

      اجنبی خاک نے دھندلا دیے قدموں کے سراغ

      گل کرو شمعیں، بڑھا دو مے و مینا و ایاغ

      اپنے بے خواب کواڑوں کو مقفل کر لو

      اب یہاں کوئی نہیں، کوئی نہیں آئے گا

  19. عزیزم مصباح۔آپ نے برادر عزیزسید نجم السبطین حسنی کے خیالات یہاں تحریر کیئے جو ہمارے لیئے تو ہماری اصطلاح میں تبرک ہی ہے۔ مولا انکو سلامت رکھیں۔کیا خوب کہا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان میں بیداری کا پیغام پہنچانا بھی اب اسی طرح بے اثر ہے جس طرح سوئے ہوئے مسلمان کے سر ہانے “الصلوٰۃ خیر مِن النوم” کا اعلان ۔ یعنی جو اللہ اکبر کی صدا سے لیکر حی علی الصلوٰۃ اور حی علی الفلاح تک اتنی اذان سن کر نہیں جاگا وہ “خیر من النوم سن کر کیا جا گے گا۔۔۔۔۔
    میں اس سارے معاملے کو ایک اور رخ سے بھی دیکھتا ہوں اور اس پر برادر حسنی صاحب کی رائے ضرور چاہوں گا۔
    صورت حال کے بارے میں عام لوگوں کو مطلع کرنے کے لیئے اور عوام کا شعور بیدار کرنے کے لیئے قیام پاکستان سے اب تک کسی ایک شعبے نے بھی تو اپنے حصے کا چراغ نہیں جلایا۔ میں پہلے بھی کئی بار لکھا ہے کہ اگر صرف دو طبقے یعنی صاحبان قلم اور صاحبان مسجد و محراب ہی اپنے لکھے اور کہے پر صرف پچیس فیصد بھی با عمل ہو جائیں تو صرف پاکستان ہی نہیں پوری مسلم امہ کی صورت حال بدل جائے۔ میں جانتا ہوں کہ آپ دونوں بھائی نوے فیصد مجھ سے متفق ہونگے کہ خاص طور پر اسلام اسلام کا شور مچانے والے اور سنت رسول پر علم پیرا ہونے کا دعویٰ کرنے والے اور پاکستان کو اسلام کا قلعہ کہنے والے مولانا اور مولوی حضرات نے بھی تو کچھ نہیں کیا۔ کروڑوں نہ سہی سینکڑوں لوگ تو انکی اقتدا میں نماز پڑھتے ہیں،انکے خطبات سنتے ہیں انکی تقاریر کی آڈیو وڈیو بناتے ہیں۔ تو اس طبقے نے کم از کم اپنے مقلدین کو کتنا باخبر رکھا اور تبدیلی کے لیئے تیار کیا؟

  20. آغا جی، برادر محترم جناب حسنی صاحب تو شاید براہ راست جواب نہ دیں پائیں کیونکہ انکی مصروفیات کے سبب میں انکو مجبور نہیں کر سکتا کہ اسطرف فوراً آسکیں۔ تاہم مجھے آپ سے یقیناً اتفاق ہے اور آپکی بات میں گرہ یہ لگاوٗں گا کہ میری نظر میں سب سے بڑے مجرمین اہل منبر نہیں، نا اہلیانِ منبر ہیں جنہوں نے اسے حقیقی وارثان سے چھین کر جہل سے آلودہ کر رکھا ہے۔ دوسرے بڑے مجرم جیسا کہ آپ نے بھی کہا کہ ہم آپ ہی ہیں۔ صاحبان قلم کی قیمتیں انکے منعموں کی امارت کے ساتھ بڑھ چکی ہیں اور خون مردمی ارزاں ہو چکا ہے۔ ۔ ۔۔۔ جان ایلیا کی ایک نظم سے اقتباس پیش خدمت ہے جو مجھ جیسے نادانوں کی منبر و محراب سے بغاوت کی وجہ بیان کرتی ہے۔


    • ہوئی ہے جانبِ محراب سے وہ بارشِ سنگ
      کہ عافیت خمِ ابرو کی ہے بہت دشوار
      ستم کیا ہے عجب منجنیقِ منبر نے
      حریمِ دل کی سلامت نہیں رہی دیوار

      یہ عہد وہ ہے کہ دانشورانِ عہد پہ بھی
      منافقت کی شبیہوں کا خوف طاری ہے
      نمازِ خوف کے دن ہیں کہ ان دنوں یارو
      قلندروں پہ فقیہوں کا خوف طاری ہے

      یہ ہیں وہ تیرہ دلانِ قلم در تاریخ
      جو روشنائیِ دانش کا خون کرتے رہے
      یہی تو ہیں جو حکیموں کی حکمتوں کے خلاف
      ہر اک دور میں حاکم کے کان بھرتے رہے

      گزشتہ عہد گزرنے ہی میں نہیں آتا
      یہ حادژہ بھی لکھو معجزوں کے خانے میں
      جو رد ہوئے تھے جہاں میں کئی صدی پہلے
      وہ لوگ ہم پہ مسلط ہیں اس زمانے میں

  21. میں گزشتہ ایک بلاگ میں آپ کی صحت یابی پر تفصیلی با ت کرچکا ہوں۔آپ کا یہ بلاگ پڑھ کر بہت اچھا لگا۔

  22. اسلام و علیکم

    اس بلاگ کو جیسے جیسے وقت مل رہا ہے میں پڑھتی جا رہی ہوں ماشا اللہ کس قدر فکر لئے ہوئے ہیں ہر ایک کے تبصرے ۔

    افسوس تو اسی بات کا ہے کہ پاکستان میں رہنے والوں میں سے ١٠ فیصد بھی ایسے نہیں جنہوں نے اس مٹی سے وفا نبھائی ہو – مفاد کی سیاست مفاد کی تجارات مفاد کی مُحبت اور مفاد کی عبادت اور خدا پرستی دیکھوا ہی ہوتا رہا ۔۔ جس سے جتنا بن پڑا اس مُلک کو کمزور کرتا چلا گیا ۔ اور اب حال یہ ہے کہ اُٹھائے نہیں اُٹھ رہا اس مُلک کا وقار اس لئے کہ یہاں پر حاکموں کے پیٹ میں سوا حرام کے کُچھ ہے ہی نہیں اور جب حرام جسم میں خون بن کر گردش کر رہا و تو ایسے افراد سے کسی حلال اور اچھے کام کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں۔۔ خدا ہی حافظ و ناصر ہے اس مُلک کا ۔۔

    مولا علی (ع) کا ایک فرمان یاد آ رہا ہے ۔۔ مولا فرماتے ہیں کہ ،

    اپنے سے پہلے والوں سے عبرت حاصل کرو اس سے پہلے کے تم اپنے سے بعد والوں کے لئے عبرت بن جاؤ ۔

    اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہم دوسرے قبیلے میں شامل ہونے والوں کے نزدیک پہنچ چُکے ہیں ۔۔ مگر جیسا کہ حُسین بھائی نے لکھا تھا کالم میں کہ اگر آج بھی ہم لوگ ہوش میں آ جائیں اپنی اپنی زمےداریاں پہچان لیں اور اُن کو ادا کرنے میں دیر نہ کریں تو آسمان والا ہماری دُعاؤں کے لئے عرش کے دروازے پھر سے کھول دے گا اور زحمتوں کو پھر سے ہمارے لئے رحمتوں میں تبدیل کر دے گا انشا اللہ ۔ اس لئے کہ بے شک وہ ذات ہر شے پر کامل قدرت رکھتی ہے ۔۔ خدا کرے کے سوتے ہوئے مرنے سے پہلے جاگ جائیں ۔ الہی آمین ۔۔

    آپ سب لوگ ماشا اللہ سے صاحب ِ فکر و نظر ہیں ۔۔ میرے حق میں بھی دُعا کیجئے گا پلیز ۔۔

    خدا ہمارے وطن کو بری نظر سے بچا لے اور دُعا ہے کہ یوسفِ زہرا (ع) کا ظہور جلد از جلد کر دے الہی آمین۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *