آج جی میں تھا کہ ہوسپٹل پہنچ کر جیسے ہی فرصت ملے گی کوئی نیا بلاگ کوئی نئی بات لکھونگی ۔ لیکن جیسے ہی عالمی اخبار سے ہوتی ہوئی جی میل چیک کی اور اس کے بعد کام شروع کرنے سے پہلے حسب معمول فیس بک پر بھی نظر ڈالی ۔۔ اور بس نظر ڈال کر وہاں سے ہٹا نہیں سکی ۔۔ اس قدر دل گداز خبر تھی کہ اس خبر نے مجھے اندر باہر سے ہلا کر رکھ دیا ۔۔ میرے لئے مریضوں کو دیکھنا محال ہو گیا ۔۔۔ آخر کیسے ایک مسلمان اور پھر ایک ڈاکڑ ایسے اپنے کسی مریض کے ساتھ کر سکتا ہے ۔۔۔ پھر سوچا کہ ڈاکٹر بھی تو انسان ہی ہوتے ہیں ۔۔ لیکن کاش ڈاکٹر کوئی عام سا انسان ہوتا جسے اچھے برے کی تمیز نہیں ہوتی ۔۔ جس کے نزدیک صرف اس کی زات ہی اہم ہوتی ہے باقی سب کیڑے مکوڑے ۔۔۔ آج ایسا ہی ہوا تھا ڈاکٹر نے خود کو خدا سمجھ لیا تھا اور مریضوں کو اپنی مخلوق جس کا جو چاہے وہ فیصلہ کردے ۔۔۔ جسے کی چاہے وہ موت لکھ دے ۔۔اور جس کی چاہے وہ زندگی لکھ دے ۔۔ نعوزباللہ ۔۔۔ ۔۔۔
اب دل تھام کر خبر پڑھئے ۔۔۔۔۔
30اکتوبر بروز اتوار میرا ڈیڑھ سالہ لخت جگر زین احتشام پانی کی بالٹی میں ہاتھ مار کر چھینٹوں سے کھیل رہا تھا ۔ اچانک اس کا پاؤں پھسلا اور وہ سر کے بل بالٹی میں جا گرا ۔اس کی ماں نے اسے فوراً نکالا لیکن پانی اس کے حلق میں چلا گیا او روہ گہری گہری سانسیں لینے لگا ۔اسے اٹھا کر فوراً قریبی چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹراصغر چوہدری کے… کلینک لے جایا گیا۔ مگر اس بد بخت ڈاکٹر نے جب یہ سنا کہ بچہ پانی میں گر گیا ہے تو اس نے اسے فر سٹ ایڈ دینے سے انکا ر کر دیا۔ اور یہی کہتا رہا اسے سرکاری ہسپتال لے جائیں ہم10منٹ تک ا س کی منت سماجت کرتے رہے کہ آپ پیڈز ڈپلومہ ہولڈر ، چائلڈ سپیشلسٹ ہیں اس لیے سرکاری ہسپتال کے ایم او سے زیادہ قابل ہیں سو ہم اسی لئے آپ کے پاس لائے ہیں مگر اس دو منزلہ ہسپتال کے مالک ڈاکٹر اصغر نے کہا کہ نہیں میں اسے ٹریٹمنٹ نہیں دے سکتا ۔ میرا دماغ نہ کھاؤ۔ ہم روتے پیٹتے ، ہچکیاں لیتے اپنے بچے کو اٹھا کر سرکاری ہسپتال کی طرف بھاگے ۔ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی زین نے آخری قے کی اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملا ۔
اس سفاک اور درندہ صفت ڈاکٹر کی وجہ سے ایک ہسنتا کھیلتا معصوم بچہ اپنی جان سے گیا۔ ایک گو میں صف ماتم بچھ گیا ۔ ایک ماں کی گود اجڑ ئی ۔ ایک باپ کا کلیجہ پھٹ گیا۔ ایک دور وز بعد خود یونین آف جر نلسٹ نے اس ڈاکٹر کی سفا کی کے خلاف نیوز اخبارات میں لگوائیں ۔ لیکن بحیثیت ایک باپ اور انسان میں نے کوئی بھی ایکشن لینے سے پہلے ڈاکٹر کو فون کیا اور پوچھا کہ آپ نے زین کو فر سٹ ایڈ کیوں نہیں دی ۔ تو اس درندے ڈاکٹر نے بر ملا کہا کہ ڈاکٹری قانون میں بھیگے ہوئے بچے کو ہم فرسٹ ایڈنہیں دے سکتے ۔ میں نے کہا ڈاکٹر صاحب اگر آپ کا اپنا بچہ یوں بھیگ جاتا تو آپ بحیثیت ڈاکٹر اسے خود چیک کرتے یا ایم او کے پاس ہسپتال لے جاتے تو اس نے کہا ہسپتال لے جاتا۔ آپ ہی بتائیے یہ کون سا قانون ہے جو ایک ڈیڑھ سالہ معصول بچے کو یک کرنے سے روکتا ہے۔
میری سینئر ز داکٹر ز سے بات ہوئی تو سب نے کہا کہ ایسا کوئی قانون ہے ہی نہیں ۔ وہ صرف اپنی ریپوٹ بچانے کے لئے ایسے مریض ہینڈل ہی نہیں کرتا کہ اگر انہیں کچھ ہو گیا تو اس کی دو کاندداری متاثر ہو گی ۔ یہ کیسی دو کانداری ہے یہ کیسی چور بازاری ہے ۔ خدا را اس ڈاکٹر کے خلاف جہاد میں میرا ساتھ دیں ۔وہ پہلے بھی اسی طرح کئی معصوم پھولوں کی جان لے چکا ہے مجھے تو 100فیصد یقین ہے کہ یہ ڈاکٹر ہے ہی نہیں ۔
اس کی ڈگر یاں چیک کی جائیں ۔ اور اس سے پوچھا جائے کہ یہ انتہائی نگہدا شت یا زخمی مریضوں کو چیک کیوں نہیں کرتا ۔کیایہ صرف نزلہ اور گلہ ہی کی دوائی دے سکتا ہے۔ ڈاکٹر اصغر گورنمنٹ ملازم ہے 18ویں سکیل میں EDOآفس میں جاب بھی کرتا ہے۔ وہاں حاضری لگا کر آجاتا ہے۔اور سارا دن دوکانداری کرتا ہے۔ میری احکام بالا سے گزارش ہے کہ اس کی محکمانہ کاروائی کی جائے آج سے میں ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتا ہوں ۔ میں تب تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک اسے قرار واقعی سزا نہ دی جاے ۔
انشائاللہ آئندہ اور کوئی زین اس درندے کے ہاتھوں نہیں مرے گا۔ حق اور سچ کی ا جنگ میں ۔۔۔میرا ساتھ دیجیئے ۔اگر ہم آج متحد ہو گئے تو معاشرے سے ایسی کالی بھیڑوں کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔
ایک سوگوار اور دکھی باپ احتشام جمیل شامی
ڈسٹرکٹ چیئر مین : قومی امن کمیٹی و بین المذاہب ہم آہنگی وزارت داخلہ (حکومت پاکستان) چیف ایڈیٹر : ہفت روزہ گر دو نواح اوکاڑہ
ریذیڈنٹ ایڈیٹر : روزنامہ سٹی پریس لاہور

“محترم احتشام بھائی السلام و علیکم میں نے شروع سے آخر تک آپ کی لکھی ہوئی ایک ایک سطر پڑھی ہے ۔۔ میں نے اسے ایک ماں باپ کی نظر سے پڑھا ۔۔ ایک ڈاکٹر ہونے کی حثیت سے پڑھا اور پھر ایک ایسے قاری کی حثیت سے بھی پڑھا جو نہ ت وماں ہے اور نہ باپ اور نہ ہی ڈاکٹر ۔۔۔ یہ سفاکی کہ انتہائی شکل ہے ۔ میں خود ایک ڈاکٹر ہوں اور آپ سب احباب کو بتانا چاہتی ہوں کہ یہ کسی کتاب اور گائیڈ لائینز میں نہیں ہے کہ ڈاکٹر کسی بھیگے ہوئے مریض کو بچا نہیں سکتا ۔۔ ڈاکٹر سوتے جاگتے ، اٹھتے بیٹھے چلتے پھرتے ہوئے بھی صرف ڈاکٹر ہوتا ہے ۔ اس پر کسی فٹ پاتھ پر بھی سسکنے والے کی خدامت بھی اتنی ہی محترم اور فرض ہوتی ہے جتنی کسی امیر کبیر کی ۔ احتشام بھائی یہ سفاک انسان ڈاکٹر ہو ہی نہیں سکتا ۔۔ اور اگر ڈگریوں کی جانچ پڑتال کے دوران اگر یہ ثابت ہو بھی جاتا ہے کہ وہ ڈاکٹر ہے ایسے درندہ صفت انسان کو پریکٹس کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ اور نہصرف وہ خود بین ہونا چاہئے بلکہ اس کے دومنزلہ عمارت کو بھی سیل کر دینا چاہئے ۔
بحثیت ایک سائیکاٹرسٹ کے یہ بھ کہنا چاہوں گی کہ اس قسم کے اینٹی سوشل رویوں کا اگر علاج نہ کیا جائے تو ایسے لوگ عمر بھر اپنی عادات اور خصلتوں سے باز نہیں آتے ۔ اس قسم کے مجرمانہ رویئے اور مجرمانی فعل ان کی تسکین کے لئے انتہائی ضروری ہوتے ہیں ۔ ڈاکٹر اصغر کے اس فعل نے انہیں اسی صف میں لا کھڑا کیا ہے ۔ ان جیسے لوگوں کے لئے کہ کسی کے آنسو اور ان کی تکلیف ان کے لئے باعث راحت ہوتی ہے اور وہ یہ راحت حاسل کرنے کے لئے اسیسے فعل کرتے رہتے ہیں ۔ اس ڈاکٹر کا نہ صرف علاج ہونا چاہئے بلکہ اس مجرمانہ فعل اور غفلت کی بنیاد پر اس کی رجسٹریشن پاکسان میڈیکل بورڈ کو کچھ عرصہ کے لئے کینسل کر دینی چاہئے تاکہ دوسرے مریض اس سفاکانہ موت سے بچ سکیں ۔۔
اس کے خلاف آواز اٹھانا ہم سب پر فرض ہے اور ڈاکٹرز ایسوسیشن اور پاکستانی میڈیکل بورڈ کی “ ڈیوٹی آف کیر “ میں آتا ہے کہ اس مجرمانی فعل ککا جلد از جلد نوٹس لے ۔
احتشام بھائی میں آپ کے ساتھ ہوں ۔۔ آپ کی جدوجہد پر لبیک کہتی ہوں ۔۔ انشاللہ فتح آپ ہی کی ہو گی ۔۔ بس آپ خود کو سنبھالئے ۔۔ غم کہیں آپ کو مظبوط کرنے کی بجائے ڈیپریشن میں نہ ڈال دے اور پوری تحریک کو کمزور کر دے ۔۔ اٹھیں بھائی اور ہمت کیجئے اور مزید با آواز بلند تعرہ احتجاج بلند کیجئے
احتشام بھائی کا غم یقینا” دلسوز ہے جسکی خلش کو صرف وہی محسوس کرسکتے ہیں۔ مگر بحیثیت انسان ہر اہل دل و ضمیر اس درد کو محسوس کرسکتا ہے۔ جبکہ مجھے ایسے سانحات کے بارے میں جان کر دکھ سے زیادہ غصہ آتا ہے کہ آئے روز ایسے سفاکانہ واقعات سے ہمارے اخبارات بھرے رہتے ہیں، نیوز چینلز ہر پانچ منٹ بعد سرخی کی صورت میں ایسی خبروں کو نشر کرتے ہیں اور اپنے اردگرد میں تو بذات خود بھی مشاہدے میں ایسی چیزیں گزرتی رہتی ہیں، اسکے باوجود ایسے واقعات کی روک تھام کی کوئی سبیل نہیں؟
احتشام بھائی کو تو اپنے دکھ کو دوسروں تک پہنچانے کا سہارا اپنے پیشے کے باعث میسر آگیا۔ مگر ان کے درد کا مداوا کون کرے گا جو ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر جاتے ہیں اور کسی کو خبر تک نہیں ہوتی۔ ابھی ایک خبر نظر سے گزری کہ چند کسان عورتوں کو کھیتوں میں کام کرتے ہوئے کسی بچے کے رونے کی آواز آئی۔ ڈھونڈنے پر بوری میں بند ایک زندہ بچی ملی جسکی عمر دو دون تھی۔
اور عید کے دن تو انوکھی ہی داستان سننے کو ملی کہ نوزائیدہ بچوں کی لاشوں تک کو نہیں چھوڑا گیا۔ گلشن معمار کے قبرستان سے جادو کرنے کے لیئے دو شیطان کشن اور چیتن دیگر جادوگروں، عاملان حرام اور ڈاکٹروں کے ہمراہ بچوں کی لاشوں کو نکال کر نجانے کب سے اس مکروہ و قبیح دھندے میں مگن تھے۔
مذکورہ بالا تینوں خبریں کسی بھی انسانی معاشرے کی نیندیں حرام کرنے کے لئے کافی ہیں۔ مگر آفرین ہے اس اسلامی جمہوریہ پر کہ دن کے چوبیس گھنٹوں میں اسکے طول و عرض میں ایسے شیطانی کھیل جاری رہتے ہیں اور اس مملکت کا تمام قانون نا معلوم مقام پر دفن کر دیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے، پولیس اور ایجنسیاں ملک کے اعلٰی پائے کے ڈاکوؤں کی حفاظت پر مامور ہیں اور مظلومین کے منہ میں “مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے” کی چسنیاں ٹھونس دی گئی ہیں۔
یہاں گلی گلی ڈاکٹر، عامل، ٹوئشن والے، اسکولوں اور یونیورسٹیوں والے، ریکروٹمینٹ ایجنٹ اور ایجوکیشن اینڈ امیگریشن کنسلٹنٹ اپنی اپنی دکانیں کھولے بیٹھے ہیں۔ مجال ہے کسی کی کہ کوئی انکا بال بیکا تو درکنار ان سے پوچھے کہ کس بل بوتے پر تم لوگوں کی جان، عزت، دولت، حال اور مسقبل سے کھیل رہے ہو۔ اگر کوئی ہمت کرکے کان میں پوچھ ہی لے تو یقینا” دوسری جانب سے قہقہہ آئے گا کہ جن بیوقوفوں نے ملک بھر کے لٹیروں کو اسمبلیوں میں بھیجا ہے، انہوں نے ہی تو ہمیں یہ دکانیں کھولنے کے لائسینس جاری کیئے ہیں۔ ورنہ ہم میں اتنا دم اور اتنی عقل کہاں تھی؟؟؟؟
بہت افسوس ناک خبر ہے اور انتہائی تشویشناک بھی ۔ اگر مسیحا ہی قاتل بن جائیں گے تو باقیوں کا کیا ہوگا
آپی ھم اس احتجاج میں برابر شریک ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ
ڈاکٹر اصغرکی اس مجرمانہ حرکت اور غفلت کی بنیاد پر پاکسان میڈیکل بورڈ فوری طور پر اس کی رجسٹریشن کینسل کر دے تاکہ دوسرے مریض ایسی سفاکانہ موت سے بچ سکیں اور اس کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ دوسروں کے لئیے نشانِ عبرت ہو
اور اس کے ساتھ ساتھ ھم احتشام بھائی کے غم میں بھی شریک ہیں خدا وندِ کریم ان کو اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے آمین۔
جہاد صرف یہی نہیں کہ جلوس نکالا جائے اور توڑ پھوڑ ہو ،جلسے کیئے جائیں بلکہ سب سے بڑا اور موثر جہاد یہ ہے کہ لکھا جائے اور خوب لکھا جائے.ذاتی مفادات اور رنجشوں سے بالا تر ہو کر لکھا جائے کہ یہ ایک صحافی کے بیٹے کی بات نہیں بلکہ ہم سب کے بچوں کی بات ہے. وطن عزیز میں ڈاکٹروں کی اس مخصوص نسل سے تو قصاب بہتر ہیں.دراصل جب کوئی بھی معاشرہ رو بہ زوال ہوتا ہے تو اسکی بنیاد کے تمام سکون ہل جاتے ہیں اور عمارت کو دیمک چاٹنے لگتی ہے. ابھی دو دن ہی تو گزرے ہیں ہم نے دیکھا ہے کہ مالدار لوگوں میں سے کچھ لوگ اللہ کے لیئے قربانی کی بجائے دکھاوے کی قربانی کرتے ہیں. ایک صاحب نے چار لاکھ روپے میں بیل خریدا اور اسکی نمائش کی. کراچی کے ایک گھر والوں نے بیل.اونٹ اور بکرے خریدے اور اپنے گھر کے دروازے عوام کے لیئے کھول دیئے کہ وہ ان جانوروں کا دیدار کریں. آپ نے دیکھا جب عبادات میں دکھاوا آ جائے تو اس معاشرے کی کیا حالت ہوتی ہے. ڈاکٹر بھی تو اسی معاشرے کا حصہ ہیں . انکی اکثریت نیک اور خدا ترس ہے لیکن ایک مچھلی تالاب کو گندا کرتی ہے اور یوں بھی خبروں کی دنیا میں نیکی کی تشہیر کا تصور ذرا کم ہے برائی کی خبر چھ کالم میں جلی سرخی کے ساتھ شائع ہوتی ہے
ایسے سفاک اور انسان دشمن شخص کو ڈاکٹر کہنا اس مقدس پیشے کی توہین ہے.اسے تو قصاب بھی نہیں کہا جاسکتا. اب یہ کہنا کہ حکومت ایسے لوگوں کا احتساب کرے بے وقوفی ہے. حالت تو یہ ہے کہ حکومت کا احتساب ہو لیکن ایسا ہوتا نظر نہیں آتا کہ چور چور کا احتساب کیسے کرے گا. معاشرے کی ترجیحات بدل چکی ہیں،اصول اور معیار بدل چکے ہیں.انصاف کے معنی بدل گئے ہیں،شرافت اور عزت کی اصطلاحات بدل گئی ہیں، آنکھیں بدل گئی ہیں،چہرے بدل گئے ہیں،جھوٹ اور سچ میں تمیز نہیں رہی،بس یوں سمجھیں کہ انسان بدل گیا ہے.
ہم اور کچھ نہیں کر سکتے تو اس بلاگ میں تو ایسے سفاک لوگوں کاپول کھول سکتے ہیں. ہمارے پاس قلم کا اختیار ہے جسکا زخم تلوار سے گہرا ہوتا ہے.بس جو اختیار آپ اور ہمارے پاس ہے کم از کم اس اختیار کو استعمال کریں
http://www.aalmiakhbar.com/index.php?mod=article&cat=nighat&article=25783اپنا تازہ کالم آپ سب احباب کی نظر کرتی ہوں
مسیحا بھی اُس شہر میں قاتل بنا ہوا ہے
جو کچھ نہ جانتا ہے عامل بنا ہوا ہے
ایک انتہائ افسوسناک خبر جو دل اور دماغ کو ہلا رہی ہے ، ہمارے ملک سے آنے والی ساری خبریں ہی ایسی ہیں جس پر انسانیت بھی شرمندہ ہے، لیکن اے کاش کہ ہم پاکستانی لوگ بھی اپنے کیے پر کچھ افسوس کرلیں، اے کاش۔۔۔۔
اُس قاتل نما ڈاکڑ کی تمام تر ڈگریوں کی جانچ پڑتال کی میں مکمل حمایت کرتا ہوں، نہ صرف یہ بلکہ اس جرم میں اسکا لائسینس بھی منسوخ کر دینا چاہیے۔
احتشام بھائی اور اُنکے گھر والوں کو اللہ تعالیٰ ہمت دے کہ وہ اتنے بڑے سانحہ کو برداشت کرسکیں (آمین)
میری سمجھ میں نہیں آتا ہے کہ میں ایسے میں کیا لکھوں اور کیا نہ لکھوں، ابھی قبر سے عورتوں کی لاشوں کی بے حرمتی کی خبر ختم ہی نہ ہوئ تھی کہ بچوں کی لاشوں کو قبر سے نکالنے کی خبر آ گئ اور اج پھر یہ خبر۔۔۔۔۔۔ وہاں جو کچھ ہورہا ہے وہ انسانوں کا عمل تو ہو ہی نہیں سکتا۔ لیکن افسوس تو اس بات کا ہے کہ یہ انسان اپنے آپ کو مسلمان بھی کہتا ہے یا خدا تو کوئ تو فیصلہ دے کہ ہمیں انتظار ہے۔۔۔۔۔۔۔۔
اسلام علیکم
احتشام بھائی اللہ آپ کو صبر دے ،آپ کی داستان پڑھ کر دل انتہائی دکھی ہوا ۔افسوس کہ ہم مسلسان ہیں لیکن اسلام اور اسکی روح ہمارے قریب سے بھی نہیں گزری ۔سفاکی کی انتہا ہے کہ ہم معصوموں کا بھی خیال نہیں کرتے ۔جیسا کہ قمر رضوی نے لکھا یہ خبریں اب اتنی عام ہیں کہ کچھ سمجھ نہیں آتا کہ کیا کریں ۔سفاکی انتہا کو پہنچ گئی ہے ۔ نہ زندہ چھوڑتے ہیں اور نہ ہی مردہ ۔اللہ پناہ دے
ان بھیڑبوں کے خلاف تو جتنی سخت مہم بھی چلے کم ہے آپ تنہا نہیں ہیں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں ۔
اللہ ہمارے دلوں میں رحم ڈال دے ۔
عالم آرا
وینکوور
اسّلام علیکم ہم نشینوں
ڈاکٹر کی شقی القلبی پر بات کرنے کے ساتھ پاکستانی معاشرے کی مکمّل درماندگی کا نقشہ بھی زہن میں رکھا جائے تو معاشرتی کردار خود بخود عیان ہو تے جائیں گے
ڈاکٹر جب قوم کا مسیحا بنجاتا ہے تو وہ عام سماج سے ماوراء ہو جاتا ہے لوگ اس کےپاس جانا زندگی کی بقاء کی ضمانت سمجھتے ہیں اور حقیقت بھی یہی ہے کہ ڈاکٹراپنے پیشے کے لحاظ سے عام انسانوں سے ہٹ کر سخت کوش ہوتے ہیں اور اپنے فرائض کی بجا آوری میں تن من دھن لگا کر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں
میں اس نامعقول انسان کو ڈاکٹر کا درجہ نہیں دے سکتی ہوں اس کی تعلیمی اسناد چیک کی جائیں تو معلوم ہو گا کہ وہ کہیں کمپا ؤنڈر رہ کر اپنے آپ کو ڈاکٹر کہلا تا ہے
پاکستان میں چیک کا نظام تو ہے ہی نہیں جو کوئ پرسان حال ہو ،اور اگر وہ جو کچھ بھی تھا ایک معصوم جان بچانے کے لئے اپنی پوری کوشش تو کر سکتا تھا
میری بھی آواز یہی ہے کہ اس کا کلینک سیل کر کے اسے قرار واقعی انجام تک پہنچا یا جائے
ننھے فرشتے کے والدین میرا پرسہ قبول کریں
اس سانحے نے ہم سب کو ایک اور لمحہ ءفکریہ یہ بھی دیا ہئے کہ گھر کی وہ اشیاء جن سے معصوم بچّوں کو نقصان پہچ سکتا ہو ان کی دسترس سے دور رکھیں
سیّدہ زائرہ عابدی( بجّو )
بجو اپ نے کتنی قیمتی بات یاد کروائی ہے کہ اس سانحے نے ہم سب کو ایک اور لمحہ ءفکریہ یہ بھی دیا ہئے کہ گھر کی وہ اشیاء جن سے معصوم بچّوں کو نقصان پہچ سکتا ہو ان کی دسترس سے دور رکھیں
جزاک اللہ
شاید ھی کوئی ایسا دن ھوتا ھو جب ھماری آنکھیں نم نہ ھوتی ھوں ھمارا دل ایک لرزہ خیز خبر سے دھل نہ اٹھتا ھو اور ھمارے قلم کو تعزیتی
جملے نہ لکھنے پڑتے ھوں اور ھر لکھنے والا اس جہد مسلسل میں شریک ھے کہ معاشرے سے ان درندہ صفت اخلاقی پس ماندگی کا شکار
افراد کو بے نقاب کیا جائے
اور ننھے زین کی موت کسی ڈاکٹر یا نرس کی غفلت کی پہلی موت نہیں ڈاکٹرز کی مجرمانہ غفلت و بے حسی کے کئ کیس یاد آجائیں گے
اور دکھ تو اس بات کا ھے بات کہی تو جاتی ھے سنی نہیں جاتی ان ڈاکٹرز کے لیئے فوری سزا تجویز ھوئی ھو چاھے وہ اتنی سی ھو کہ وہ
مجرم ڈاکٹر کچھ عرصے کے لیئے اپنے عہدے سے معتل رھے ان واقعات کی جب تک سزا تجویز نہیں ھو گی ھمارے سامنے خدا نخواستہ ایسے کیسز آتے رھیں گے
اور دوستوں صرف یہ نہیں کہ ڈگری جعلی ھے یا ایک ڈاکٹر پہلے کمپاؤنڈر رہ چکا ھے بات یہ ھے کہ علم صرف کاروبار کے حصول کے لیئے رہ گیا ھے ھر پرائیوٹ ھسپتال کی ایک بڑی رقم لیکر آپکا مریض داخل کرتا ھے چاھے کتنی ھی ایمرجنسی کیوں نہ ھو وجہ صرف اور
صرف یہ ھے کہ ھر مقام پر ھماری اخلاقیات کا جنازہ نکل چکا ھے محبت رواداری کا معاشرے سے خاتمہ ھو چکا ھے اور ھم یوں برابر
کے مجرم ھیں کہ ھم ان معاشرتی ناھمواریوں کا حصہ بن کر جی رھے ھیں
عالمی اخبار کے ساتھ ننھے زین کے والدین کے غم میں شریک
فاطمہ ابرار
( فیس بک پر کئی احباب نے مجھ سے رابطہ کیا کہ ایک ڈاکٹر ہونے کی حثیت سے اس ناگہانی موت کے بارے میں میری رائے کیا ہے …اپنی رائے کا اظہار آپ سب کے سامنے بھی ہے )
محترم ساتھیو
السلام و علیکم
میں آپ کی شکر گزار ہوں کہ آپ نے انتہائی حساس موضوع پر مجھ سے رابطہ کیا ۔ اور پوچھا کہ زین احتشام کی موت میں غفلت کہاں کہاں ہوئی ہے ۔ ماں باپ سے بچے کے لئے بروقت بہتر فیصلہ کیونکر ممکن نہ ہو سکا ۔ دیکھئے ایک بات یاد رکھئے کہ ہر ہونے والے حادثے کے بہت سارے رخ ہوتے ہیں ۔ لیکن جو سب اہم بات ہوتی ہے وہ ہے “ معلومات “ کا ہونا اور اسے بروقت یاد بھی رکھنا ،یعنی جیسے اس کیس میں ماں باپ کو حالات و واقعات کو رونما ہونے سے بچانے کی تدابیر کاادراک ہونا ۔ یہاں پر یہ بات ملحوظ خاطر رہے کہ حادثہ کی تعریف ہی یہی ہے کہ ایک تو اچانک ہوتا ہے اور وقتی طور پر لواحقین کے اوسان خطا کر دیتا ہے ۔ حتی کہ اچانک نہ بھی ہو تو تب بھی اوسان خطا کرنے کو کافی ہوتا ہے ، مثال کے طور پر گھر کا ایک فرد کینسر کا مریض ہوتا ہے ۔ سب جانتےہیں کہ جلد یا بدیر وہ مر جائے گا ۔ لیکن جب اس کی آخری سانسیں اکھڑتی ہیں تو سب سے زیادہ وہی بوکھلاتے ہیں جنہیں ان کے جانے کا ادراک سب سے زیادہ ہوتا ہے ۔
دوستو بچوں کے معاملے بے حد نازک ہوتے ہیں ۔ میں اس کیس کوماں کی غفلت نہیں سمجھ رہی بلکہ یہ صرف ایک ناگہانی حادثہ ہوا ہے ۔ کیونکہ ہم سب مائیں اکثر اپنے بچوں کو پانی کے ٹب میں بٹھا کر یا اس کے پاس بٹھا کر انہیں کھیلنے کی اجازت دے دیتی ہیں ۔ وجہ اسکی یہ ہے کہ ہمارا خاندان کا نظام بہت ہی قریبی ہوتا ہے اور اکثر گھر کے بڑے یا اور بہت سارے افراد بچوں پر نظر رکھتے ہیں ۔ سو ماں باپ بے فکر ہو کر گھرکے دوسرے کام نپٹانے میں لگ جاتے ہیں ۔ جب زین کے ساتھ یہ حادثہ ہوا تو اس مخصوص وقت میں اس کی ماں کے اوسان خطا ہوئے اور اس نے ٹرپل زیرو کو کال کرنے کی بجائے دوڑ کر مقامی ہوسپٹل لے گئی جو کہ ایک انتہائی مناسب قدم تھا اور پریشان حال ماں باپ جن کا اس لمحے دماغ کام نہیں کر رہا تھا بے حد مناسب قدم تھا جو کہ کوئی بھی ماں باپ ہوتے یہی کرتے ۔
اب جب ماں باپ زین کو ڈاکٹر اصغر کے پاس لے کر پہنچے تو غفلت یہ ہوئی ہے ۔۔
ڈاکٹر کی زمیداری تھی ۔۔
١۔ بچے کا فوری معائنہ کیا جاتا اور اسے فورا اوکسیجن دی جاتی
٢۔ اسے فورا پیٹ کے بل لٹا کر یا اس کا پیٹ دبا کر کسی کروٹ پر لٹا کر پانی کو بہنے دیا جاتا
٣۔ اس کے سر کا معائنہ کیا جاتا اور کسی زخم کی جانچ کی جاتی
٤۔ اس کے سر کا سی ٹی سکین انتہائی لازمی تھا کہ دیکھا جاتا کہ اس میں کہی خون تو نہیں جم رہا
٥۔ سینے کا ایکسرے اور ایک خاص ایکسرے جسے پی کیو سکین کہتے ہیں انتہائی لازم تھا جس سے پتہ لگایا جاتا کہ کہیں پلمونری ایمنولزم تو نہیں دل کی دھڑکن اور پھیپھڑوں میں اوکسیجن کو روک رہا ہے ۔
٦۔ بلڈ ٹیست کا ہونا فوری تھا
٧ ۔ ماں باپ کے سامنے سارے حالات رکھتا اور اپنے ہوسپٹل کی سہولیات کی کمی کا بتاتا اور فوری طور پر ایمنولنس منگواتا اور اسے سرکاری بڑے ہوسپٹل منتقل کرتا ۔ اور جب تک ایمبولنس نہ آجاتی بچے کو اوکسیجن مسلسل ملنی چاہئے تھی اور جتنے بھی بلڈ ٹیسٹ ہوسکتے کیئے جانے چاہئے تھے تاکہ سرکاری ہسپتال میں وقت نہ ضائع ہوتا ۔ میں نہیں سمجھتی کہ ڈاکٹر اصغر کے پاس اوکسیجن کی سہولت نہیں ہو گی یا بلڈ ٹیسٹ اور نارمل ایکسرے کی سہولت نہیں ہو گی ۔ اگر ایسا ہے تو اسے پہلی فرصت میں دومنزلہ ہوسپٹل کو گرا کر کلینک میں بدل دینا چاہئے ۔
میں نے صورتحال کو واضع کرنے کے لئے ایک ادنی سی کوشش کی ہے ۔ اس سارے پس منظر میں یہ مت بھولئے کہ جتنی معلومات کسی ڈاکٹر کے پاس کسی مرض کی ہوتی ہیں وہ کسی اور کے پاس نہیں ۔
ایک اور بات گوش گزار کرنا چاہتی ہوں کہ ڈاکٹری کے اصول کے مطابق کوئی ڈاکٹر اپنے گھر والوں کو ٹریٹ نہیں کر سکتا کیونکہ وہ جذباتی طور پر ان کے اس قدر قریب ہوتا ہے کہ کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت اس کے اوسان خطا ہو جانے کا اندیشہ ہوتا ہے ۔ سو قانون نے اسے یہ حق دیا ہی نہیں ہے بلکہ اسے متنبہ کیا ہے کہ اپنے گھر والوں کا علاج کرنے سے اجتناب کرے ۔ سوچئے جب ایک ڈاکٹر کے اپنے بیوی بچوں اور ماں باپ کو تکلیف دہ بیماری اور کیفیت مرگ میں دیکھ کر اوسان خطا ہو سکتے ہیں اور اس کی سوچیں اس قدر مفلوج ہو سکتی ہیں کہ اس سے بہتر فیصلے کی توقع نہیں رہتی تو کسی عام انسان سے کس طرح فیصلے کی توقع کی جا سکتی ہے ۔ زین کے ماں باپ کو کیسے یاد رہتا کہ اسے اپنے ڈوبتے ہوئے ۔۔سانسیں اکھڑتے ہوئے ۔۔ نیلے پڑتے ہوئے بچے کو کیسے بچانا ہے ۔۔ انہیں ٹرپل زیرو ڈائل کرنا ہے یا کسی بڑے سرکاری ہوسپٹل لے کر بھاگنا ہے ۔
یقین جانئے ایسے حالات میں واحد ایک ڈاکٹر ہوتا ہے جو اپنے تدبر سے سارے معاملات کو سلجھاتا چلا جاتا ہے اور ایسے فیصلے لیتا ہے جس سے مریض کی جان بھی بچ جاتی ہے اور اس کے لواحقین کی دلجوئی بھی ہوتی ہے ۔
مجھے امید ہے میرا تفصیلی جواب آپ سب کی تشفی ضرور کرے گا۔
والسلام
طالب دعا
ڈاکٹر نگہت نسیم
سڈنی
جس معاشرے کا انسان اتنا شقیق القلب ہو چکا ہو وہاں انسانیت اب عنقا ہوچکی ہے۔ اب اس معاشرے کہ کسی ڈاکٹر انجیئر یا کسی اعلی ڈگری یافتہ لوگوں کی نہیں بلکہ اچھے انسانوں کی ضرورت ہے خدارا اپنے اپنے بچوں کی تعلیمی اسناد جمع کرنے سے زیادہ انکی بہترین تربیت پرزیادہ توجہ دیجئے- انسانیت اور انسانی قدروں کے بارے میں انکو بتائیے۔اگر یہی حال رہا تو مستقبل تو دور کی بات ہے ہم اپنے حال کو زندہ درگور کر دینگے۔ ایک سفاک ڈاکٹر کے ہاتھوں آج یہ ایک زین کے ساتھ ہوا ہے خدا نا کرے کسی اور ماں کو یہ دکھ دیکھنا پڑے اس ملک کی کوئی ماں اس طرح کے ڈاکٹر کو جنم دے آمین
عالمی اخبار کے تمام قارئین کے ساتھ ننھے زین کے والدین کے غم میں شریک
برائے مہربانی تصحیح کر لیں “ اور نا ہی اس ملک کی کوئی ماں اس طرح کے ڈاکٹر کو جنم دے۔
جس قدر افسوس کیا جائے کم ہے ۔ لیکن یقینا اس ڈاکٹر کو ایسی سخت سزا ملنی چاہئے تاکہ تمام معاشرے کے لئے نشان ِ عبرت بن جائے کہ اگر کسی مسیحا نے قاتل کا روب دھارا تو اس کا انجام بھی ایسا ہی ہو گا ۔ اللہ پاک
احتشام جمیل شامی اور ان کے اہلِ خانہ کا صبر عطا کرے الہی آمین ۔
مغربی ممالک میں کتنے ہی سند یافتہ ڈاکٹر اور اسپیشلسٹ ہوتے ہیں جنکو پریضوں کے ساتھ برتاؤ، غلط تشخیص، عدم توجہی، ذہنی رجحانات، ذاتی امور و امراض، اور معاشی، معاشرتی اور خانگی معاملات کے سبب پریکٹس کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ بد قستمی سے ہمارے مسلمان ممالک میں سند لینے کے بعد اس کے معیار کے حوالہ سے کوئی معقول پڑتال کا نظام موجود نہیں ہے۔
جہاں تک فرسٹ ایڈ کا تعلق ہے، یہ در اصل ہر گھر کی ایک ضرورت ہے اور ہر دفتر اور عمارت میں ڈاکٹرز کے علاوہ بھی ایک فرسٹ ایڈ افسر موجود رہتا ہے۔ زچگی کے عرصےمیں یہاں ماؤں کو بنیادی فرسٹ ایڈ وغیرہ کی معلومات دی جاتی ہیں تا کہ حسب ضرورت ہر ایک ان معاملات سے نبرد آزما ہو سکے۔
معصوم زین کی موت محض احتجاج پر ہی نہیں ختم ہونا چاہئیے، بلکہ اس سے سبق لینے کی اشد ضرورت ہے اور میڈیا سمیت پوری قوم کو ڈاکٹروں کے نظام کی مؤثر پڑتال، محاسبے اور شکایت نامے کے لئے قانون سازی کی بنیاد ڈالنی ہوگی اور ڈبہ پیر نما ڈاکٹروں کی سندوں کے باوجود چھٹی کرانا ہوگی۔
دوسری اہم چیز جس کی ضرورت ہے وہ ملک بھر میں اکوپیشنل ہیلتھ اینڈ سیفٹی اور فرسٹ ایڈ کے تصور کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم نے یہاں بھی مسلمان دکانوں، مکانوں اور مساجد میں دیکھا ہے کہ جا بجا تیز داھر والے آلات مثلا پیچ کس، پیچ، چاقو چھری اور قینچی انتہائی لا پرواہی سے پڑت ہوتے ہیں۔ چند دن پہلے سڈنی کی ایک دوکان کے دروازے میں دیسی قسم کی انگھیٹھی دیکھ کر ہم نے دوکان دار سے کہا کہ یہ مناسب جگہ نہیں کیونکہ اس سے “ٹرپنگ ایفیکٹ“ پیدا ہو رہا ہے۔ اس پر انہوں نے کہا برادر وت از دیت؟ ہم نے ذرا تشریح کی تو فرمایا کہ دونت وری، ات از مائی شاپ، آئی کِیب اے گود آئی۔ ہم نے دل میں سبحان اللہ کہا اور نکل آنے میں عافیت جانی۔
اس مثال کو عرض کرنے کا مقصد یہی ہے کہ کم و بیش پورے مسلمان جہان میں ان معاملات میں احساس ذمہ داری جیسی چیز نظر ہی نہیں آتی۔
میں اس بلاگ کے واسطے سے محترم احتشام صاحب کو تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں اور انہیں درخؤاست کرتا ہوں کہ میڈیا میں ڈاکٹروں کے محاسبے کے قانون اور اکوپیشنل ہیلتھ ایند سیفٹْی کے قانون اور اہمیت کی تحاریک کو بھر پور آواز سے اٹھائیں۔ یہ معامل صرن انکے لخت جگر کا نہیں، بلکہ ا نسانیت کا معاملہ ہے اور ہر گھر کا مفاد اس سے وابستہ ہے۔اگر ہم یہ نہیں کر سکتے تو پھر ہر گھر کے زین کی زندگی موت کے نشانے پر ہے۔ ہمیں زندہ قوموں کی طرح خود کو آگاہی سے روشناس کرنا ہوگا۔
محترم احتشام بھائی نے مجھ سے رابطہ کیا تھا . انہوں نے کہا کہ وہ نیٹ پر اردو لکھنا ابھی سیکھ رہے ہیں . اس لئے وہ یہاں لکھ نہیں پا رہے . انہوں فردا فردا سب کا دلی شکریہ ادا کیا ہے اور یہ بھی بطور خاص کہا کہ ہم سب کی بے لوث محبت نے انہیں اتنی ڈھارس دی کہ وہ کچھ سوچنے کے قابل ہو سکے ہیں . انہیں اب بھی ہم سب کی توجہ کی ضرورت ہے . … جی انشاللہ بھائی ہم سب کی دعائیں آپ ے ساتھ ہیں . اللہ کریم و رحیم ہے وہی اپنی جناب سے آپ کو اور آپ کے اہل خانہ کو بے پناہ صبر عطا فرمائے گا .. آمین
اپنے پُوتےسےباتوں کے دوران چاند نکل آیا، جسے دیکھ کر وہ بہت خوش ہوا۔ وہ بولا:دادا جس طرح ہم بتیاں بجھا کر سو جاتے ہیں کیا جب چاند یہ کی بتی بجھے گی تو اللہ میاں بھی سو جائیں گے؟۔ میں نے کہا: نہیں، اللہ کو نہ نیند آتی ہے نہ اونگھ آتی ہے۔ وہ نہیں سوتا۔ یہ سنتے ہی اس نے ٹانگ میرے پیٹ پر رکھی اور خراٹے لے کر نیند میں چلا گیا۔ اس نے سوچا ہو گا کہ جب آللہ جاگ رہا ہے تو مجھے پھر کس بات کی فکر ہے اور میں ساری رات اس کھڑکی کی طرف نگاہیں کرکے خوفزدہ سا ہو کے صبح کا انتظار کرتا رہا اور اُس لمحے وہ کمسن بچہ خدا پر یقین میں مجھ پر بازی لے گیا
از اشفاق احمد زاویہ ٣ الله میاں کی لالٹین پیج ١١١ )ایک اچھی بات
زین کے نام (ایاز محمود ایاز کی نظم)
کمروں کی د یواروں نے
تمہاری ہنسی کی
شالیں پہن رکھی ہیں
اور تمہارے کھلونے!
اپنی ہتھیلییوں پر
آنکھیں رکھے ہوئے
تمہارےمنتظرہیں
سنو زین!
تم لوٹ آؤناں…