“سورج گہن یا زمینی گہن؟”

کالا ہؤا چاند تو “چاندگہن”.
مانا، بجا فرمایا گیا. اس نظامٍ شمسی میں صرف سورج روشنی دیتا ہے. اور باقیوں کے ساتھ ہماری دھرتی اور چندا ماموں بھی اسی سورج کے طفیل روشن ہیں. چاند اور سورج کے درمیاں جب زمیں آجائے تو کہتے ہیں کہ یہ چاند گہن ہے. درست ہے.
لیکن یہ کیا؟
کالی ہؤی زمین، تو سورج گہن!!!!؟
اتنی بڑی غلطی؟
یہ تو زمینی گہن ہوئی نا؟ سورج گہن کیوں؟

42 thoughts on ““سورج گہن یا زمینی گہن؟””

  1. مکرمی فیاض صاحب۔
    سلام مسنون۔ آپکی باتیں اکثر اپنے اندر کئی پہلو سمیٹے ہوئے ہوتی ہیں اور ثنا بہن کے درخت کی مانند اسکے ہمہ جہتی علمی چہرےاتنی آسانی سے عام آنکھ نہیں دیکھ پاتی۔ اس لئے مجھے ڈر ہے کہ شاید میں بات کی گہرائی میں نہیں پہنچ سکا، کیونکہ میرے محدود علم کے مطابق تو جو چیز کسی رکاوٹ کے سبب ہماری آنکھ سے جزوی یا کُلّی طور پر اوجھل ہو جائے اس گہنایا ہوا مانا جاتا ہے۔ ممکن ہے اگر ہم چاند پر رہتے ہوتے تو زمین کا گہن بھی ہمارے تجربوں سے گزرتا۔ گہن میں کالا ہونا تو سائینسی طور پر مذکور و مشروط نہیں ہے، اس کے لئے تو اوٹ میں آجانا عمل کا حصہ کہا جاتا ہے۔۔۔۔اگر غلط ہوں تو بات کی وضاحت کر دیں۔

  2. عزیزم سیدمصباح بھائی۔۔۔۔ ایسی کوئی بات نہیں کہ میں نے یہاں کوئی پیچیدہ گتھی سامنے رکھی ہے۔
    آپ بھی نا۔۔۔۔۔ اب مجھ جیسے نادار آدمی کو کو پتہ نہیں کیا سمجھ لیا ہے! آپ کے احسان کے میرا بلاگ تبصرہ لائق سمجھا۔
    اصل میں دردٍ شقیقہ کی وجہ سے جیسے پورا دماغ ایسے منجمند ہوگیا تھا جیسے آج کل لایقینی کی صورتحال وطنٍ عزیز کے ہر باشندے کے دل میں بیٹھ گئی ہے۔
    بہرحال میں نے “کالاپن” کا تذکرہ جان بوجھ کے کیا ہے۔ سائنسی اصطلاحات لکھتا تو قبلہ بابا قاضی صاحب کی چپت کا بھی ڈر لگتا۔ میں بابا سائیں سے ایسے ڈرتا ہوں جیسے بابائے اردو قبلہ مولوی عبد الحق صاحب سے مجھ جیسے کچے اور کند ذہن اردو بولنے والے ڈرتے تھے۔ (یہ بات بلکل صحیح ہے۔)
    اسی لیے تھوڑی ادبی زبان کا استعمال کیا۔ مثال کے طور پر “کالا ہوجانا”، “چندا ماموں”۔۔۔۔(یہ منا بھائی ایم بی بی ایس والا ماموں نہیں:-))
    اصل میں، میں نے یہاں ایک جسارت کی ہے۔ کہ ہم تمام انسان زبان کے معاملہ میں تھوڑی غلطیاں کر جاتے ہیں۔ (حد یہ ہے کہ یہ غلطی سائنسداں بھی کرتے ہیں، جس کا اشارہ میں نے اپنے بلاگ میں کیا ہے)
    مثال راہ چلتے ہم پتھر کو لگ جاتے ہیں، چوٹ آتی ہے۔ اور کوئی پوچھتا ہے سبب تب ہم کہتے ہیں: “پتھر لگ گیا!”
    پتھر لگ گیا؟ وہ پڑا تھا، ساکت، یہ تو ہم تھے جو جاکر اس کے ساتھ لگے، لیکن کہتے ہیں پتھر لگ گیا! عجیب بات نہیں؟ یعنی فاعل پتھر کردیا۔ اور خود کو مفعول!
    اب یہی بات “زمینی گہن” کے ساتھ بھی منسوب ہوتی ہے۔
    روشنی دینے والا ایک ہے، یعنی سورج! ستارہ جو ٹھہرا!
    اس روشنی سے چمکتے ہیں پھر چاند اور دھرتی۔
    گہن لگتی ہے ان کو جن کے پاس اپنی روشنی نہیں ہوتی۔ آپ نے صحیح فرمایا کی جو آنکھ سے اوجھل ہوجائے ہم تو اسے ہی گہن کا شکار مانیں گے۔ لیکن سوال یہ کہ کیا یہ بات واقعی سورج گہنا ہے؟
    یا ہمارے اپنا آپ بچانے کے پرانے بہانے ہیں؟
    سچ یہ کہ میں چاہتا ہوں کہ اس بلاگ میں سب کرم فرما آئیں۔ وہ جو مجھ سے ناراض ہیں (ان کے قدموں کی خاک ہوں میں) وہ بھی اور قبلہ محترم صفدر ھمدانی صاحب، نگہت بہنا بھی۔ کیونکہ پچھلے بلاگ میں وہ مسلسل غائب تھے۔
    یہ سوال جب اپنے منطقی جواب کے نزدیک آجائیگا، تب سب کو ایک اور جہان نظر آئے گا۔ ہمیں ایک اور حقیقت کا ادراک مل جائے گا۔ انشاءاللہ سب خوش ہوجائینگے۔ (نہ ہوئے تو پئسے واپس!)

  3. فیاض امر کا ابھی کچھ دیر پہلے ٹیلی فون پہلی بار ملا اور انکی آواز سن کر محسوس ہوا کہ خوبصورت ذہن کا حمال انسان آواز کا بھی خوبصورت ہوتا ہے۔ فیاض جس طرح خوبصورت زبان لکھتے ہیں اسی طرح خوبصورت الفاظ بولتے بھی ہیں، باب العلم ان پر اپنی علمی رحمتوں کا سایہ رکھیں۔ مصباح حسین نے درست کہ فیاض امر لگے بندھے موضوعات پر نہیں لکھتے بلکہ ہر بار ایک منفرد موضوع لیکر آتے ہیں۔ ہمیں بھی چاہیئے کہ ذرا اردو ادب کے حصار سے ذرا سا باہر نکل کر ایسے موضوعات پر بھی اپنی آراء دیں اور ذات پت تنقید کی بجائے ”بات” کو ہی مرکز خیال بنایا جائے۔
    ویسے یہ بات ہے تو غور کرنے کی کہ ہم اکثر کہتے چاند یا سورج گرہن یا گہن ہیں حالانکہ انکی وجہ سے زمین گہن میں ہوتی ہے۔ اس کی سائینسی توضیح جو بھی ہو وہ اپنی جگہ لیکن یہ اصطلاح اپنی بناوٹ کے اعتبار سے تبدیلی نہیں چاہتی؟ ویسے تو ہم ایسے ایسے عالموں فاضلوں کے درمیان سانس لیتے ہیں جو ”زیر کنٹرول” جیسی اصطلاح بھی استعمال کرتے ہیں۔دینی نکتہ نظر تو بات بہت واضع ہے کہ اس کی توضیح میں یہ درج ہے کہ ان حالات میں زمین عذاب میں رہتی ہے۔
    پروین شاکر نے ہی تو کہا تھا کہ۔۔۔
    مجھ کو تسلیم میرے چاند کہ میں
    تیرے ہمراہ ہوں گہن کی طرح

  4. سورج گرہن اور چاند گرہن پر گوگل google میں کافی سے زیادہ معلومات موجود ہیں : صرف سرچ انجن میں solar eclipse facts لکھنے کی ضرورت ہے ۔
    جب زمین او ر سورج کے درمیان مکمل طور پر یا جزوی طور پر چاند آجاتاہے تو زمین کے رہنے والوں کو سورج مکمل طور پر یا جزوی طور پر دکھائی نہیں دیتا۔ یہ زمین کا گرہن نہیں اسی لیے ساری دنیا اسے سورج گہن solar eclipse کہتی ہے ۔
    اب اس موضوع پر سائنسداں سیر حاصل بجث کرسکتے ہیں ۔
    مجھ جیسے کم علم کی زندگی میں چاند گرہن اور سورج گرہن سے کوئی فرق نہیں پڑا ۔ دنیا کا کام چلتا ہی رہتا ہے اور اس قسم کے موضوعات پر بے شمار بلاگ اور تبصرے بھی لکھے جاسکتے ہیں۔ مگر زندگی کی تگ و دو اور دنیا اور دین کے معاملات اور موت و حیات کے مسئلے اور حقوق اللہ اور حقو ق العباد کے معاملات کو سلجھانے کی وجہ سے انسان کو اتنی فرصت نہیں ملتی کہ وہ چاند گرہن اور سورج گرہن کی گتھیاں سلجھانے کی کوشش کرے ۔

    ہاں ساینسدا ں یہ معلوم کرنے کی کو شش کررہے ہیں کہ اس تمام کائنات کا خالق کون ہے ؟ اس کا جواب اب تک دنیا بھر کے سائنسداں دے نہ سکے ۔ ( مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمارا یہ عقیدہ ہے کہ اللہ ہی اس تمام کاینا ت کو خالق ہے)

    یہ بات سائنسداں ضرور معلوم کرچکے ہیں کہ اس نظام شمسی کی طرح بے شمار اور نظام شمسی اس کائنات میں موجود ہیں۔ ان میں بھی ضرور چاند گرہن اور سورج گرہن ہوتے ہونگے ۔
    ۔۔
    فیاض امر صاحب نے اس دقیق موضوع پر کچھ لکھنے کے لیے مجھ غریب کو یاد کیا ، یہ انکی مہربانی ہے وگرنہ من کہ اک خاکم کہ ہستم ۔
    فقط:
    علم کا خواہاں
    منظور قاضی از جرمنی

  5. اللہ اللہ۔۔۔۔۔
    اتنی ذرہ نوازی!!!؟ خدایا، خدایا! میری تمام حسیات کو نظرٍ مجنوں نہ لگے!
    سرکار شاہ عبداللطیف بھٹائی کے ایک شعر کا ترجمہ حاضر ہے،
    “ماں! میں نے وہ دیکھے،
    جن نے ساجن دیکھا ہے!”
    سو سرکار ھمدانی صاحب! یہ آپ کے کان تھے! جن میں شہد پہلے ہی سمویا ہؤا ہے۔
    آپ بہت بہت اچھے ہیں۔ اس لیے ہر جگہ اچھائی نظر آرہی ہے۔ بس کہ آپ کی نظرٍ کرم کے سائے میں ہیں۔ شکر الحمداللہ اس بات پر۔
    بہرحال آمدم بر سرٍ مطلب ۔۔۔۔ میں یہاں تھوڑی گانٹھ کھول دوں۔ تو صاحبو! اگر اس بات کی تہ تک پہنچ جائینگے تو ہمیں “فلسفہٍ قربانی” سمجھ میں آجائی گی!
    قبلہ سرکار ہمدانی صاحب نے پروین شاکر کا شعر حوالہ دیکر کافی پہیلی سلجھا لی ہے۔ پھر بھی۔۔۔۔
    تو چلیں تھوڑا سمجھیں ہم کہ:
    گہنیں دو اقسام کی ہوتی ہیں!
    1۔ عمومی گہن: جو چاند اور زمیں کو پڑتی رہتی ہے۔ جسے ہم رات کہتے ہیں جب زمیں کی کوئی سطح نورٍ خورشید سے محروم ہوجاتی ہے! اور چاند، جس کی اشکال بدلتی رہتی ہے۔
    2۔ خصوصی گہن: جو کبھی کبھار ہوتی ہے۔ جس میں خلافٍ معمول چاند سیاہ نظر آتا ہے (چودھویں رات کو بھی) یا اماوس کے ایام میں زمیں سیاہ ہوجاتی ہے۔
    سیاہ ہوتی ہے زمیں، گہن لگتی ہے زمیں کو، لیکن ہم کہتے ہیں سورج گہن!
    کوئی ہے جو اس فلسفہ میں جھانک کر معرفت والوں کی بات کرے؟

  6. بھائی فیاض امر صاحب اسلام علیکم بھائی اللہ آپ کو اسم با مسمیٰ امر کرے آمین ثم آمین اور اللہ آپکا وہ درد ِ شقیقہ دور کرے اور آپ کو صحت ِ کلی عطا فرمائے ۔ ویسے اتنی تمہید کے بعد بقول آپکے پائے لاگوں کہنے کے بعد کہوں کہ آپ کا اس کیفیت میں مبتلا رہنا ہم سب کے حق میں بہتر ہے اس لئے کہ جیسا کہ آپ نے فرمایا کہ درد ِ شقیقہ کے سبب دماغ منجمد ہو گیا ہے تو میرے بھائی میرے دوست میرے عزیز منجھا مرشد یہ منجمد دماغ سے گذشتہ تین دن سے جیسے بقراطی مضامین آرہے ہیں وہ تو اس درد ِ شقیقہ کو ہماری جانب منتقل کرنے میں معاون ہو رہے ہین اور ہمارے دماغوں کو ایک ہیجان میں مبتلا کرہے ہیں اور ہم فکر مند ہیں کہ اگر وہ دماغ کا انجماد ختم ہو گیا تو ہمارا کیا ہوگا امید ہے کہ میری یہ خوش گوار گفتگو آپکے درد میں افاقے کا سبب ہو گی اور انشاءاللہ جلد روبہ صحت ہوں گ

  7. بھائی امر سائیں حاشا وکلا بالکل صحیح لکھ رہاہوں کہ اسقدر انجماد کی باتیں لکھیں کہ میرا کمپیوٹری قلم منجمد ہوگیا اور میں فکر مند ہوا کہ اپ کےعلم کے فیضان میں جو گستاخانہ خیالات ذہن میں آئے اسکی پاداش میں میری تحریر ضائع نہ ہو جائے اسلئے فوراً ترسیل کا بٹن دبا دیا تو میرے بھائی آپ کی صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں آپ کی اور آپ سب کی محبت کا امین۔۔۔۔امید ہے میری تحریر سے خفا نہیں ہوں گے خوف کے مارے دل با بار کہہ رہا ہے ۔۔۔گھوڑا رے گھوڑا۔

  8. فیاض بھائی ! سلام،

    بھائی یہ تو ایک بہت ہی سیدھا سا معاملہ ہے، مصباح شاہ صاحب کی بات اگر اپنے الفاظ میں کہوں تو

    ہم چونکہ زمین پر رہ رہے ہیں اس لیے جیسا یہاں سے مشاہدہ کریں گے وہیسے ہی بولیں گے، ہمیں سورج کالا نظر آیا ہم نے سورج گہن کہا ، ہم کو چاند کالا نظر آئے گا ہم چاند ھہن کہہ دہیں گے (بس بس، یہ کلیہ اب ہر جگہ لگانے کا نہیں)۔ اگر کبھی ہم چاند پر گئے اور وہاں سے ہم کو زمین کالی نظر آئی تو آپ سے وعدہ کہ ہم زمین گہن کہنا شروع کر دیں گے لیکن تب تک کے لیے ایسا ہی چلنیں دیں۔

    یعنی ہر بات منسوب ہے (نظریہ نسبتی)، مثلاً ایک نسبت سے زید بکر کی دائیں جانب ہے تو دوسری نسبت سے بائیں جانب۔ ایک نسبت سے بکر زید سے بڑا ہے تو دوسری نسبت سے چھوٹا وغیرہ وغیرہ۔

    میں آپ کی اس بات سے اتفاق کروں گا کہ اردو زبان کو تجدید، اصلاح اور ترامیم کی ضرورت ہے لیکن اس صورت میں میری رائے میں سورج گہن ہی کہا جائے تو مناسب رہے گا ورنہ آپ اپنے بچوں کو یہ منطق و دلائل سمجھاتے ہی رہ جائیں گے۔

  9. منبع نور کا اوجھل ہوجانے کے سبب گہن کہلانا اسکے لئے کوئی رتبے میں کمی کا سبب نہیں ہے۔ منبع نور اس جہان معروضی کا ہو یا عالم ملکوتی کا، کبھی یہ چاند و زمین کے سبب اوجھل ہوتا ہے تو کبھی ہمارے دل و دماغ کے جہل کے سبب۔ بہر کیف جو اوجھل ہے، وہی مکسوف (گہن زدہ ) ہے۔ احادیث رسول میں چونکہ اسے کسوف الشمس ہی کہا گیا ہے، اس لئے ہم اسی ترکیب کو درست مانتے ہیں۔ اگر جناب عیسیٰ ابن مریم اٹھا لئے گئے یا امام مھدی (ع عج) غائب ہو گئے تو اس حقیقت سے انکار نہیں کہ اوجھل وہی ہیں، تا ہم نقصان کس کا ہو رہا ہے، وہ اکتساب فیض نہ کرنے والے بنی نوع انسان ہے۔ اسی طرح سورج گہنا گیا تو کچھ دیر کے لئے عالم ظلمت میں ہے تو زمین ہی، لیکن گہنایا گیا تو سورج ہی ہے ناں۔
    جہاں تک پتھر کے لگنے کی بات ہے تو یہ محض اردو کی ترکیب ہے، ورنہ ہم نے انگریزوں کو یہ بھی کہتے سنا کہ I bumped my head against the bench! یہ اردو زبان کا اپنا انداز ہے اور اگر اسے ہم یہ کہیں کہ میں پتھر میں جا لگا ہوں تو اس سے شکل کچھ مضحکہ خیز سی محسوس ہوتی ہے۔ خربوزہ چھری پہ گرے یا چھری خربوزے پہ، کٹنا تو خربوزے کو ہی ہے۔ سو جس کو چوٹ لگی، وہ تو یہی کہے گا کہ چھری نے کاٹا اور خربوزہ کٹا۔ اس لئے میرے محدود علم کے مطابق یہ اردو کی نحوی ترکیب ہے، جسے تبدیل کرنا نا مناسب ہوگا۔
    ممکن ہے فیاض صاحب کے یہاں ایسے دلائل ہوں کہ ہم اس نحوی ترکیب کی تبدیلی کے قائل ہو جائیں، لیکن پھر بھی ایسا کرنے میں شاید طویل تر عرصہ لگ جائے۔

  10. السلام علیکم
    میں بھی یہاں پوری پوری کوشش کر رہی ہوں کے جو کچھ میرے سر سے گزر رہا ہے وہ میرے ذہن میں سما جائے
    اسقدر مشکل گفتگو 🙁
    کاش میری بھی اردو اتنی اچھی ہوتی 🙁

  11. بڑے ادب کے ساتھ محترم بابا منظور قا ضی صاحب! السلام علیکم ۔ خدا آپ کی زندگی کو آسانیوں سے اتنا بھردے کہ آپ خود بھی دوسروں کو آسانیاں فراہم کرتے رہیں۔ آمین۔
    عرض یہ ہے کہ “چھوٹہ منہ اور بڑی بات” کے مصداق، میں نے یہاں اس موضوع کو اس لیے رکھا ہے کہ ہمیں تھوڑا بہت پتہ چل جائے کہ ہماری اخذ کئے ہوئی حقائق میں کتنی “ابدی سچائی” ہے۔ دنیا کے تمام دانشور، فلسفی اور سائنسدان اس کھوج میں لگے ہیں کہ جو کچھ ہماری آنکھ دیکھ رہی ہے، یا جو کچھ ہماری حسیات محسوس کر رہے ہیں آیا وہ وہی ہے یہ “در حقیقت” کچھ اور ہے۔
    تو سرکار! عرض یہ ہے کہ میں نے قبلہ سرکار امام خمینی رح کی کتاب “سیر و سلوک” میں ایک عجیب بات پڑھی، کہ: “سفرٍ سلوک میں سالک جہاں بھی پہنچا، اس نے ایک اندھے کو لاٹھی پکڑے پہلے ہی پایا!”
    سالک؟ یعنی راہٍ معرفت کا مسافر، فقیر، ولی، قلندر، مجذوب، یا اسے جو بھی آپ نام دیں!
    لیکن وہ اندھا کون ہے جو لاٹھی تھامے ہر منزل پر پہلے ہی بیٹھا ہؤا ہے؟ تو جناب قبلہ سائیں، خمینی سرکار اس کو سائنسدان کہتا ہے، جو اندھا اس لیے ہے کہ اس نے عالمٍ عجائبات نہیں دیکھے۔ ان کی تسکین سے ناواقف ہے۔ اور وہ لاٹھی اس کی لیبارٹری ہے، اس کہ دلائل ہیں۔ مطلب یہ کہ سائنس خود راہٍ سلوک کی راہی ہے۔
    یا یوں کہیے کہ ہم سب اپنے اخذ کیے حقائق سے اصل حقائق کی طرف رواں دواں ہیں۔ ہمارا سفر یہی تو ہے!
    جیسے ہی اصل حقائق کا پتہ لگ جاتا ہے، آپ نے دیکھا، ہماری زندگی میں علم کا اضافہ ہوجاتا ہے، جس سے ہم پھر مستفید ہوتے رہتے ہیں، دوائیاں بنتی ہیں، ایجادیں ہوتی ہیں، اور ہم میں جستجو اور بھی بڑھ جاتی ہے۔
    دوسری بات! میں نے شاید کسی گذشتہ بلاگ میں بھی یہی عرض رکھا تھا کہ کیا “طبعی علم” پر سر اسٹیفن ولیم ہاکنگ یا کارل ساگان نے ہی ٹھیکہ لیا ہے کیا”؟
    ہو سکتا ہے ہماری کوئی کھوج کوئی نظریہ بین الاقوامی سطح پر مانا جائے! ہم کیوں اپنے آپ کو یہ کہ کر سبکدوش ہوجاتے ہیں کہ “اب اس موضوع پر سائنسداں سیر حاصل بجث کرسکتے ہیں ۔”
    قبلہ بابا سائیں! میں یہ عرض رکھوں کہ کیا سائنسدان کسی اور سیارے کی مخلوق ہیں؟ یا وہ صرف مغربی ڈومیسائل رکھنے والے ہوسکتے ہیں؟
    زبان اپنے اندر صرف رابطے کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ اپنے اندر تصورات بھی رکھے ہوئی ہے۔ اور جب ہم تصورات کو بیان کرتے ہیں ہیں تو کہیں ہم سے کوئی غلطی تو نہیں ہوجاتی؟
    میں مان بھی لوں کہ یہ “سورج گہن” ہے۔ تو پھر،
    مجھ جیسا کند ذہن طالبعلم کلاس میں ایسی جگہ بیٹھا ہو جہاں سے اسے استاد صاحب صحیح نطر نہ آتا ہو، یا اس کی آواز نہ سن پا سکتا ہو تو کیا وہ بھی استاد کا غلط جگہ پہ کھڑا ہونا کہلوائے گا؟
    اتھوپیا میں لوگ بھوک سے مر گئے، تو کیا اللہ پاک کی رزاقی وہاں نہیں چل سکی؟ (معاذاللہ)
    چودھویں کی رات جب آسماں پر بادل منڈلا رہے ہوں تب یہ بھی کہ سکتے ہیں کہ چاند گھوم رہا ہے! (جو کہ لگتا ہے)
    بابا سائیں، ہم نے اس اصطلاح کو اپنی مرضی سے دیکھا ہے۔
    میں چاہتا ہوں کہ اس پر سائنسی غلطی نہ ہو۔
    اس کیے بندہ نے یہ بلاگ لکھا ہے۔

  12. سائیں سائیں۔۔۔ امین ترمذی صاحب! آئیے آئیے! میں آپ پر صدقے! کہاں تھے آپ حضور؟ لائیے میں آپ کے پاؤں دھوتا ہوں۔ کیسے ہیں آپ؟
    اللہ اللہ۔۔۔۔۔ آپ کا نام دیکھ کر سید رضی صاحب کی غزل یاد آجاتی ہے، جس کو میرا خیال ہے کہ کرمانی راگنی میں استاد غلام علی صاحب نے کیا خوب گائی ہے:
    پارہ پارہ ہؤا پیراہنٍ جاں،
    پھر مجھے چھوڑ گئے چارہ گراں!
    وقت کے سوز میں لمحوں کا جلوس
    جیسے اک قافلہٍ نوحہ گراں!
    کوئی آہٹ نہ اشارہ نہ سراب،
    کیسا ویراں ہے یہ دشتٍ امکاں!

    واللہ! ہم ناچیز اور جوگی صفت بندے کی اتنی بڑی سزا؟
    سرکار! مغل بادشاہوں کی طرح ایک غریب آدمی کو ہاتھی تحفہ میں دینے کا کیا مطلب؟ اسے بھوکا رکھنے پہ کیوں تل گئے آپ؟ (۔۔۔ہاہاہاہا۔۔۔)
    ارے سائیں، خدا اپنے پاس بلائے اس ٹیومر کو، جسے اپنی جان سے زیادہ کھلا رہے ہیں۔ (سیدھی سی بات ہے، کپڑے نہیں لیتا اس کی خوراک یعنی دوائیاں لیتا ہوں تو اس کا مطلب تو یہی بنتا ہے نہ کہ میری محبوبہ ہے یہ ۔۔۔۔)
    اور یہ کیا؟ آپ نے لکھا کہ میں خفا ہوجائونگا؟ خدا مجھے وہ دن دکھائے جب میرے بچے میری زبان بھول جائیں اگر میں “مثقال ذرۃ” جتنی بھی خفگی محسوس کروں!
    اتنی بد دعا دینے کے بعد بھی اگر آپ کے ذہن کے کسی بھی خلیے میں یہ بات آجاتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ (خدا نہ کرے) جان بوجھ کر خفا کرنے پہ تلے ہوئے ہیں!!
    (جو کہ مجھے اس حد تک یقین ہے کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا، جیسے سورج کا گہننا)
    ناچیز، آپ کے قدموں کی خاک
    فیاض

  13. اتنی مشکل ذبان 🙁
    ایسا نا ہو اتنی مشکل اردو دیکھ کے ہم جیسے کم علم آنے والے ڈر کے گھدے کے سر سے سینگھ کی طرح غائب نا ہو جائیں‌؟:(

  14. الفاظ کی ہیرا پھیری ا ور قوت ناطقہ کی سحر بیانی پر مجھے فانی بدایونی کی یہ غزل یاد آرہی ہے :

    خلق کہتی ہے جسے دل ترے دیوانے کا
    ایک گوشہ ہے یہ دنیا اِسی ویرانےکا

    اک معمّا ہے سمجھنے کا نہ سمجھانے کا
    زندگی کاہے کو ہے خواب ہے دیوانے کا

    حُسن ہے ذات مری عشق صفت ہے میری
    ہوں تو میں شمع مگر بھیس ہے پروانے کا

    مختصر قصّہء غم یہ ہے کہ دل رکھتا ہوں
    رازِ کونین خلاصہ ہے اس افسانے کا

    زندگی بھی تو پشیماں ہے یہاں لا کے مجھے
    ڈھونڈتی ہے کوئی حیلہ مرے مر جانے کا

    تم نے دیکھا ہے کبھی گھر کو بدلتے ہوئے رنگ؟
    آو دیکھو نا تماشا مرے غم خانے کا

    ہر نفس عمر گذشتہ کی ہے میّت فانی
    زندگی نام ہے مر مر کے جیے جانے کا

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    فقط:
    علم کا خواہاں
    منظور قاضی از جرمنی

  15. محترمہ ماریہ علی صاحبہ! السلام علیکم۔
    مولا لجپال آپ کو سدا سکھی رکھے اور تمام گرم ہوائوں سے محفوظ رکھے۔ آمین۔
    بات در اصل یہ ہے کہ کانٹا جب پاؤں میں چبھ جاتا ہے تو نکالتے وقت درد تو ھوتا ہے!
    علم بھی ایسا ہی ہے۔ اسے ہی تو کہتے ہیں علم، کہ جب ملے تو ہمارے اندر کی کایا ہی تہس نہس ہوجاتی ہے۔
    شاہ عبداللطیف بھٹائی کا ایک شعر ہے کہ:
    “مالک! مجھے داناء نہ بنا،
    دانش بڑی دردیلی ہے!
    مجھے میرے محبوب نے
    ایسے ہی دیا انجانے میں!”

    لیکن یہ بھی سچ ہے کہ بابا سائیں کے خیالات پڑھ کر مجھے بہت اکیلا پن لگ رہا ہے۔
    تجھ کو تنہا کرگیا منفرد رہنے کا شوق،
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے فیاض! ذرا حدٍ ادب۔۔۔۔ گستاخ۔۔۔ جھکا اپنی آنکھیں کہ سامنے بڑا ہے۔

  16. امر جلیل
    فیاض امر، سچ کہوں کہ بابا تم بھی امر ہو مگر میرے پرانے دوست امر جلیل کی طرح نہیں۔ نہ جانے یہ امر جلیل آج کہاں سے یاد آ گیا ۔اسی کی دہائی تک تو رابطہ تھا س سے جب وہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تھا اس کے بعد کہاں ہے کچھ علم نہیں۔ بعض اوقات کیا بلکہ اکثر اوقات بہت سی باتوں کا علم نہ ہونا بھی ایک علم ہی ہوتا ہے فیاض سائیں۔

  17. غالب کے اس شعر پر جلدی جلدی اپنے بلاگ کا حاصل مطلب عرض کروں،
    لرزتا ہے مرا دل رحمتٍ مہرٍ درخشاں پر
    کہ میں ہوں وہ قطرہٍ شبنم جو ہو خارٍ بیاباں پر.

    گہن اصل میں اس کیفیت کو کہتے ہیں جس میں لینے والے اور دینے والے کے مابین کوئی رکاوٹ آجائے.
    جیسے ہی رکاوٹ آجاتی ہے، تب دینے والے کو تو کچھ نہیں ہوتا، ہاں البتہ لینے والا محرومی کا شکار ہونے لگتا ہے. اس پر گہن لگنا شروع ہوجاتی ہے. اور وہ تاریک ہونے لگتا ہے.
    یہاں مجھے ایک اجازت دے دیجیے کہ میں مشہور مجسمہ ساز مائیکل اینجلو کی ایک بات عرض رکھوں.
    کسی نے مائیکل اینجلو سے پوچھا کہ اتنے خوبصورت مجسمہ تم کیسے بناتے ہو؟ تو اس نے جواب دیا: “نہیں میں مجسمے نہیں بناتا، میں تو اپنی اس چھوٹی سی ہتھوڑی اور چھلنی کی مدد لیکر پتھر سے اضافی کنکر ہٹاتا ہوں، مجسمہ ظاہر ہوجاتا ہے، میں نے نہ تو اس کا کان بنایا یا اس کی آنکھیں! کنکر ہٹائو تو بس پتھر کے اندر سے وہ مطلوبہ مجسمہ نروار ہوجاتا ہے”.
    تب سوال کیا گیا: “تو اس کا مطلب یہ ہؤا کہ تم نہیں یہ سارا کمال تمہاری اس ہتھوڑی اور چھلنی کا ہے؟”
    مائیکل اینجلو نے جواب دیا: “میرا بس یہی ہنر ہے کہ دیکھ لیتا ہوں کہ کونسی شکل کس پتھر میں چھپی ہوئی ہے… اور بس!”

    میں حیران ہوگیا. تمام صوفی بزرگ کہ گئے کہ اسے تلاش اپنے آپ میں کر، “قرآن پاک” کی “نحن و اقرب” کی تشریح کرتے رہے لیکن ہم نے اسے تلاش کیا کہاں.
    آپ نے دیکھا! بچے کتنے پیارے ہوتے ہیں. کتنے حسیں! آنکھ نہیں ہٹتی اگر دیکھیں تو! کیونکہ اس کی معصومیت سے خدائی جھلکتی ہے. سچ اور حسن کا امتزاج، ایک معصوم بچہ. جیسے خدا کا نور، چمکتا ہوا اس سے ظاہر ہوتا ہو! اس کے حسن سے، اس کی معصومیت سے خدا کی صفتیں عیاں ہوں. وہ اس لیے کہ ابھی اس کے اور خدا کے کرم کے بیچ کوئی خواہش، کوئی طمع، کوئی حرص رکاوٹ نہیں بنی. پھر جیسے ہی وہ بڑا ہونے لگتا ہے تب نفس کی خواہشیں اس کے اوپر کنکر کنکر بن کر تہ پہ تہ بناتی جاتی ہیں. اور وہ آہستہ آہستہ اس مایا جال میں پھنستا اور دھستا جاتا ہے.
    اور پھر سکوں ڈھونڈھتا ہے تو نہیں ملتا، بیچ میں رکاوٹ ہے. گہنا ہؤا ہے.

    (جاری ہے)

  18. آثار یہ بتاتے ہیں کہ ایک ہلکی گہن حضرت ابراہیم علیہ السلام کو بھی لگنے والی تھی. جب اس کو اسی برس کے بعد بیٹا ملا.
    وہ ہر وقت اپنے بیٹے کو گلے سے لگائے گھومتا، اس سے اتنا پیار کرتا کہ سارا جگ رشک کرتا. اب بیٹے کی محبت اس آفاقی محبت کے مابین آرہی تھی. وہ محبت جس نے اسے نبوتٍ ابدی کا پیغام دینا تھا. وہ جو کرم مل رہا تھا اس کرم کے بیچ اب بیٹا آرہا تھا. اب گہن نزدیک تھی، کہ پیام آیا: “قربانی دو!”
    کس کی؟ اونٹ کی؟
    نہیں.
    جائداد کی؟
    نہیں.
    م م م… تو پھر؟
    “اس کی چاہئے جس کے بنا تم اپنی زندگی کچھ نہ سمجھو…”

    اور حضرت ابراہیم علیہ السلام بھول بھلیوں مین سوچتا رہتا. کہ کیا؟ پھر جب وہ پہاڑ گرا… تب سرکار ابراہیم علیہ السلام پر تو جیسے سکتہ چھا گیا.. یہ کیا؟
    “ایسا ہوتا ہے؟ کیا ایسا کر سکونگا؟ میں، یعنی میں؟ کہ جس نے انگلی سے پکڑ کر (حضرت) اسماعیل (علیہ السلام) کو دنیا گھمائی، کہ اسے چوٹ آتی تو میرا دل بیٹھ جاتا، اب میں ہی اسے تیز چھری کے ساتھ…………… نہیں ایسا نہیں ہو سکتا… نہیں!” اور کتابیں شاہد ہیں کہ وہ جس نے دوستی نبھانے کی کیا کیا باتیں کی تھی اب اسے بیٹا دیتے وقت سرسام کے دؤرے پڑنے لگے.

    پھر جب اسی بیٹے نے ہمت دلائی تب وہ اٹھا اور تیار ہوگیا… اور جیسے ہی وہ تیار ہؤا، تب ٹھیک گہن چھٹی!
    اب پھر وہ ہی “اللہ” کی یاد.
    اللہ پاک کی یاد اور حضرتٍ ابراہیم علیہ السلام کے درمیاں بیٹا آرہا تھا. گہن لگنے والی تھی.
    کہ قربانی نے وہ گھن ختم کی.
    وہ نبی تھا. لیکن ایک اولیاء اللہ ایسا بھی گذرا ہے جس نے اپنے بیٹے کو گلے ملتے وقت محسوس کیا کہ محبتٍ خداوندی اور اس کے مابین بیٹے کی محبت آڑے آرہی ہے، تو دعا مانگی اے مالک! اگر یہی گہن ہے تو اٹھالے مجھے یا اس کو.
    ہاتھ جیسے ہی ہٹے ہی کہ بیٹا نہ تھا. نام حضرت ابراہیم بن ادہم رحمۃ اللہ علیہ. (دنیا جسے ابو بن ادہم کے نام سے جانتی ہے.) حوالہ: تذکرۃ الاولیاء از حضرت فرید عطار رح.

    (جاری ہے)

  19. لرزتا ھے مرا دل رحمتِ مہرِ درخشاں پر
    کہ میں وہ قظرہء شبنم جو ھو خارِ بیاںباں پر
    ۔
    غالبؔ کے اس شعر میں سے جو اوپر کی تحریر میں درج ھے،اضافی ھوں نکال دیا ھے ، جو محض ٹائپنگ کی سھو تھی۔

  20. حضرات پورے راہٍ سلوک میں سورج کو کہیں نہیں. ہاں البتہ دھرتی کو گہن لگتی ہے.
    ہم مانتے ہیں کہ اللہ تبارک و تعالی پوری کائنات کا رب اور پیدا کرنے والا ہے.
    ہم مانتے ہیں کہ سرورٍ کونین حضرت محمد صلعم پوری کائنات کا نبی ہے.
    ہم مانتے ہیں کہ قرآن پاک تا قیامت اس کائنات کی تمام تخلیق کا آئین ہے. (بمع تمام سیارہ گان)
    پھر ہم دھرتی کو گہن لگتے وقت کیوں معروضی اصطلاح رکھیں آفاقی کیوں نہیں؟
    اتنی بڑی غلطی؟……

    اجی حضرت صفدر ہمدانی صاحب! آپ بین الاقوامی نشریاتی ادارے میں بیٹھے ہیں. اٹھائیں قلم اور لکھیں اس پر ایک فیچر.
    یقین کریں، آج نہیں تو کل، اس اصطلاح کو ٹھیک ہونا ہی ہے. کل کوئی اور کریگا… اس سے قبل کیا یہ بہتر نہیں کہ ان کو بتائیں کہ ہم ابھی تک سوچتے ہیں، بلا کسی لیبارٹری کے تجربے کرتے ہیں!
    ہر برس انگریزی کی لغت پر آکسفورڈ ہو یا کیمبریج… سب ادارے ڈکشنری لاتے ہیں. کچھ تصحیح کر کے تو کچھ نیا شامل کر کے. کیا یہ ممکن نہیں کہ آپ یہ بات انکے ذہنوں میں ڈال دیں؟
    حضور آپ پانسہ تو ڈالیں. یہ کوئی کچی بات نہیں ہے.
    اس پر اچھی خاصی بحث یہاں ہو سکتی ہے، لیکن سائنس میں نہیں. کیونکہ سائنس مشاہدے اور تجربے کی بنیاد پر نتیجے نکالتی ہے. اور نام نہاد سورج گہن نہ تو مشاہدے میں آرہی ہے اور نہ ہی تجربے میں.
    تو کیوں نہ ہم شروع کریں؟

    (آخر کب تک اس نظریاتی دنیا میں صرف خریدار ہی بن کہ رہنا ہے؟)

  21. لاکھ لاکھ احسان آپ کے، ڈاکٹر پنہاں جی۔ پائیں لاگوں! اور ساتھ میں خوش آمدید۔
    بندہ تہٍ دل سے عمر بھر مشکور رہے گا۔ مولا لجپال آپ کو تابندہ اور درخشاں کی مانند رکھے۔

    (اور ساتھ ساتھ میں اپنی غلطی پر پہلی بار خوشی بھی محسوس ہوئی ہے۔ کم از کم پتہ تو چلا کہ آپ آئیں تھی؟
    ورنہ وہ شعر کس طرح ہے کہ:
    نہیں نہیں یہ خبر دشمنوں نے اڑائی ہوگی،
    وہ آئے، چلے بھی گئے، ملے بھی نہیں!
    ہو سکتا ہے کہ اس شعر میں بھی کوئی لفظ ادھر ادھر ہوگیا ہو۔ خدارا اسے صحیح کر لیجیے گا۔ میرے دونوں ہاتھ آپ کے سامنے بندھے ہوئے ہیں۔۔
    بہرحال پنہاں جی! میرے دل کی گہرائیوں سے سلام عرض ہے۔

    پتہ ہے ڈاکٹر صاحبہ! اب میں دل میں تو اس کی تصحیح کرلیتا ہوں، البتہ اوپر یونہی رہنے کی اجازت دیجیے۔ چاہتا ہوں کہ آپ کی تصحیح سلامت رہے۔

    دعاگو
    فیاض

  22. ماریہ علی جی!
    اب آپ کی شکایت رفع ہوئی یا ابھی تک؟
    سر پہ ہاتھ اور میری ذہنی صحت کے لیے دعا مانگ رہی ہیں؟
    احسان کر کہ بتا دیجیے گا۔

    دعاگو
    فیاض

  23. “بندھے ھوئے ھاتھ”، “جھکا ھوا سر،” “پائوں لاگوں”، “قدم بوسی”
    یہ سب کیا ھے امرؔ صاحب ۔ مجھے بہت گھبراھٹ سی ھوتی ھے ان جھمیلوں سے۔ میں شاید اسی لئے آپ کے بلاگ میں آنے سے کتراتی رھی۔ ان اصطلاحات سےشاید مجھے اس دور کا خیال آتا ھے جب انسان کا سب سے بڑا خواب دوسرے انسانوں کو اپنا غلام بناکے رکھنا ھوا کرتا تھا۔ اور میں تو ایسی آزاد منش ھوں کہ زیور بھی نہیں پہنتی کہ مجھے ان سے بھی طوق و سلاسل کی بو آتی ھے۔
    ۔
    آپ کی تحریریں سر اٹھا کے بولتی ھیں اس لئے بھی اچھی لگتی ھیں ۔
    ۔
    آپ کا یہ بلاگ بھی شاندار ھے۔
    ۔
    اور آپ کا وہ گزشتہ ، غالبا” پہلا بلاگ، “شیخ ایاز” والا بلاگ، اک کارنامہ ھے۔ اس میں شرکت نہ کرنے کا افسوس ھمیشہ رھے گا۔ ان دنوں میں اک آگ بجھانے میں صرف ھورھی تھی۔ میری ھمدٰنی صاحب سے گزارش ھے کہ اس بلاگ میں سے شیخ ایاز پر آپ کی تحریروں اور ترجموں کو ادبی صفحہ پر منتقل اور محفوظ کرلیں۔ یہ ایک بھت بڑا ادبی کارنامہ ھے جو آپ نے سرانجام دیا ھے ۔ وہ صرف ترجمہ نہیں ھےاک شاھکار ھے۔
    ۔
    پنہاںؔ

  24. امید کہ ماریہ علی صاحبہ نے فیاض امر سائیں کے اوپر کے تبصرےمیں لکھے ہوئے سوال کا ” ہاں ” میں جواب نہیں دیا ہوگا !!!
    اگر ” ہاں ” میں جواب دیا تو وہ اپنی خاطر و مدارا ت کے لیے تیار ہوجائیں ۔

  25. میرے اوپر کا تبصرہ اس بلاگ کے موضوع سے ہٹ گیا جسکی معافی چاہتا ہوں۔
    ۔۔۔۔۔۔
    حضرت اسماعیل علیہ السلا م کی بات نکلی تو علامہ اقبا ل کا یہ شعر یاد آگیا:
    غریب و سادہ و رنگیں ہے داستانِ حرم
    نہایت اس کی حسین(ع) ابتدا ہے اسماعیل

    گرہن کا یہ بلاگ داستانِ حرم کی نہایت کے ذکر کا متقاضی ہے ۔

    حق ( اسللام ) اور باطل ( کفر ) کے درمیان کس نے آکر حق ( اسلام ) پر گہن لگانے کی کوشش کی اور کس کی عظیم ترین قربانی نے اس گہن کو دور کیا ؟

    فقط :
    علم کا خواہاں
    منظور قاضی از جرمنی

    ۔

  26. السلام علیکم فیاض امر صاحب ۔
    کافی دیر سے میں یہی سوچ رہی ہوں کے میں آپکی بات کا جواب کیا دوں‌؟:) اگر ہاں کرتی ہوں تو آپ سے اور اپنے آپ سے جھوٹ بولونگی اور اگر ناں کرتی ہوں تو یہ ڈر ہے کے آپ کو برا نا لگ جائے کے میں نے اتنی کوشش کی مگر پھر بھی اس پھووڑ لڑکی کو کچھ سمجھ نا آیا:( اب میں کیا جواب دوں کچھ سمجھ نہیں آ رہا:(؟

  27. پنہاں جی! آپکا حکم سر آنکھوں پر۔
    ویسے بھی کہتے ہیں کہ ادب سے امر اہم ہے۔ (یہاں امر میرا نام نہیں بلکہ حکم)
    بہت بہت شکریہ بلاگ پسند کرنے کا۔
    سندھی کی اس کہاوت کی طرح،
    “حال حبیباں پیش پریاں” ( میرے پاس جو بھی ہے، اپنے محبوب کے سامنے ہے)
    سو لکھ دیا جو من میں آیا۔ جو اچھا لگا، بچپن سے ابو مجھے ایک بات سمجھاتے رہے کہ “کرنا وہ ہی جو صحیح ہو، جو سچ ہو، ڈرنا نہیں”
    بہرٍ کیف۔۔۔ یہ طی ہؤا کہ آج سے آپ پنہاں جی ہیں میرے لیے۔ اب سرکار شیخ ایاز پر میرا وہ بلاگ کہاں کرنا ہے کدھر رکھنا ہے، اب تو قبلہ محترم صفدر ھمدانی صاحب پر ہی نر بھر ہے۔

  28. بابا سائیں قاضی صاحب سرکار سلام عرض ہے!
    امید ہے کہ جواں دل کے ساتھ سلامت ہونگے۔ آمیں۔ مجھے آپ سے ایک عرض رکھنی ہے۔ قطعی قطعی دل میں نہ کیجیے گا۔
    میں چاہ رہا تھا کہ ایک ذاتی برقی خط (ای میل) آپ کو ارسال کروں، لیکن پھر سوچا کہ اس کا اثر پھر دوسرے بلاگ کے قاریوں پر غلط پڑے گا۔ کیونکہ آپ میری عرض کو مان کر جو اس پر عمل کرکے مجھے شرف بخشتے تو پتہ نہیں اور کیا سمجھیں گے ہماری جنگ شاید پانی پت سے چلی آرہی ہے۔

    کل “مگرین” (دردٍشقیقہ) کا پھر دورہ پڑا تھا۔ انگریزی دوائیاں کھا کھا کہ دل اوب گیا تب ایک دوست کے مشورے سے ایک حاضق حکیم صاحب کے پاس چلا گیا۔
    اس نے چند وضائف اور گولیاں دی ہیں اور ساتھ ساتھ میں ایک اہم بات کہی ہے کہ تمہارا درد خود تمہارے ہی عوامل کا سبب ہے۔ تو اب کا علاج یہ کہ :
    دو صبح سویرے (نہار منہ)، ایک دوپہر کے وقت اور دو رات کو (سونے سے پہلے) کسی بزرگ سے پرانی صدی کی بوسیدہ (لیکن ہر دم جوان ٹائیپ) چپتیں کھالو!
    (اگر ان چپتوں میں ایک دو چپت تمہارے عین عزتٍ نفس کو چھو بھی لیں تو اسے کفارہٍ گناہ جان کر ایسے ہضم کرلو جیسے ہمارمے بزرگ برسوں سے چھوٹوں کی نادانیاں (اور اپنے اجداد کی میراث) ہضم کرتے آرہے ہیں۔
    سو خدارا، مجھ پر احسان کرلیں، میری زندگی کا مسئلہ ہے۔
    کیا آپ کی سخاوتٍ حاتم طائیت مجھ نادار اور کم سخن پر نہیں برسے گی؟
    آپ اوپر حکیم صاحب کی دی ہوئی ہدایت پر مہربانی فرما کر احسان جان کر مجھے (دو جمع ایک جمع دو) اپنی “چپتیں” لگا لیا کریں، (جو کہ اب تک صرف آپ کے دل میں ایک کسک کی مانند رہتی ہیں، کہ جن کو دینے کا موقعہ اس عمرٍ فانی میں کہیں بھی آپ کو نہ ملے گا)
    بلاگ کے حاکموں سے گذارش ہے کہ مجھ پر جو بھی الفاظ آئیں انہیں میری دعوت ہے۔
    کوئی بھی بلاگ کا قاری سنسر کے ہونے کا احساس نہ لائے دل میں۔ یہ مجھ پر آپ سب لوگوں کا احسان ہوگا۔

    تو بابا سائیں، کیا میں آپ کے اس فیضٍ سے مستفید نہیں ہوسکتا؟
    خدارا۔۔۔ مہربانی کریں۔۔۔۔ میں آپ کا بچہ ہوں، اور بہت مصیبت میں ہوں۔

    آپ کے پاؤں کی خاک
    فیاض (اور آپ امر)

  29. وعلیکم السلام ماریہ جی۔۔۔۔
    کیسی ہیں آپ؟
    خیر ہے۔۔۔ آج نہیں تو کل۔۔۔ وقت کسی برف کے ٹکڑے کی طرح گل رہا ہے، کیا ہؤا۔ کل سمجھ میں آجائے گا۔ اس میں اتنی پریشانی کی کیا بات؟

    مولا لجپال آپ کو سدا کی آسانیاں عطا کرے۔
    دعاگو
    فیاض

  30. ایک بات بھول گیا، (جلدی میں۔۔۔ سو سب حضرات سے معافی کے بعد)

    حکیم صاحب نے یہ بھی کہا تھا کہ “چپت” چپت ہوتی ہے، کوئی ریڈیو کا فرمائشی پروگرام نہیں کہ جس میں “ایسے نہیں ایسا” کی طرح اپنی کوئی فرمائش کہو۔ لہٰذا تمہیں صرف چپ رہنا ہے۔ اف تک نہیں بولنا۔ تب ہی کچھ افاقہ ہوگا۔

    اور سچ ہے کہ میں بہت خائف ہوگیا ہوں اس آدھے سر کے درد سے۔ اب اگر کوئی یہ بھی مشورہ دے کہ اپنا سر قصائی کے حوالے کروں تو یقین جانیے میرا جواب “نہیں” میں تو قطعی نہ ہوگا۔
    قبلہ محترم بابا قاضی سائیں! میری جان پہ بنی ہے۔ احسان کرتے رہیے۔ میں چپ رہونگا۔ فکر نہ کریں۔

  31. السلام علیکم فیاض امر بھائی ۔
    کرم ہے مولا(ع) کا اور آپ جیسے محترم بھائیوں بزرگوں کی دعائیں ہیں !
    آپ سے ایک گزارش کرنا تھی اگر آپ برا نا مانیں ؟
    آپ کے دونوں‌ بلاگز ماشااللہ علم اور فلسفہ کے اس عروج پر ہیں جہاں ہم جیسے کم علم لوگوں‌کی سمجھ کام چھوڑ دیتی ہے ۔
    میری گزارش فقط اتنی سی ہے کے کوئی ایسا آسان بلاگ بھی بنائیں جہاں تک ہم جیسوں کی رسائی ممکن ہو ؟:(
    مجھے معلوم ہے کے یہاں بلاگ کی محفل میں شاید ایک میں ہی ایسی ہوں جو کے کم علم ہوں اور آپ سب کے آگے میری علمی سمجھ بوجھ ایک ذرّہ کی مانند ہے ۔۔
    مگر یقین مانیں آپ کے دونوں بلاگز پڑھکر میرا سر گھوم گیا ہے اسقدر فلسفہ مجھ سے ہضم نہیں ہو رہا کہیں ایسا نا ہو کے میں بھی درد شقیقہ کی مریضہ بن جاوں‌؟:(
    عالمی اخبار کے سوا میں کسی اور سائیٹ پر جاتی نہیں ہوں‌ ۔اور یہاں گزشتہ دو دن سے اسقدر مشکل اور نا سمجھ آنے والے بلاگز ذوروں پر ہیں کے میرا دماغ چکرا گیا ہے ۔
    میں نے بہت کوشش کی کے کچھ تو سمجھ جاوں مگر میری کوشش بے سود 🙁
    خیر آپ پیلز برا مت منائیے گا ۔
    اگر آپ سب کو میرا یہ بلاگ لکھنا برا لگا ہو تو پلیز میرا یہ بلاگ درگزر کر دیجئے گا اور اگر میرا یہ بلاگ یہاں کی انتظامیہ کو ہی برا لگے تو میری طرف سے انکو بھی اجازت ہے کے اسکو شائع کرنے سے پہلے ہی غائب کر دیں 🙂

  32. وعلیکم السلام، پیر فقیر مولا علی لجپال مدد۔
    ارے نہ نہ ماریہ جی۔۔۔۔ کیا بات کرتی ہیں آپ بھی۔۔۔ حاضر،
    اب کا میرا بلاگ دیکھیے گا۔
    بس تھوڑا انتظار،
    آپ کا مشورہ آنکھوں پر لیتا ہوں۔
    خوش رہیے۔ آمین

    دعاگو
    فیاض

  33. فیاض امر صاحب کے دردِ سر اور وہ بھی درد شقیقہ migrane headache کا سبب میرے تبصرے ہیں تو میں ان سے دلی معافی چاہتا ہوں ۔
    میرا پچھلا تبصرہ تو علامہ اقبا ل کے شعر : نہایت اسکی حسین(عا) ابتدا ہے اسماعیل کے سلسلے میں تھا جو میرے خیال میں موضوع کے مطابق تھا ۔ پتہ نہیں اس کو فیاض امر نے ” چپت ” کا نام کیوں دیا !!!! ( میرا تو ایمان ہے کہ وہ عظیم قربانی ، دنیاے اسلام پر جو گہن ( یزید) کی وجہ سے لگ گیا تھا اس سے باہر نکالنے کے لیے دی گئی تھی ) ۔
    انکے حکیم نے انکے درد کا جو علاج تجویز کیا ہے اس کے لیے وہ مجھے نہیں بلکہ اپنے “گروپ کے ” احباب سے رجوع کریں ۔ میں تو ” ماسوائے ایک دو ” کے زمرے میں آتا ہوں ۔
    میری تو دلی خواہش اور تمنا ہے کہ میں ” آپ کے گروپ ” میں شامل ہوجاوں مگر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مگر ہمارے ستارے نہیں مل رہے ہیں ۔ ۔ شاید اسلیے کہ آپ خرد کی گتھیاں سلجھانے میں مصروف ہیں اور میں اپنے مولا سے (اقبا ل کے الفاظ میں) صاحب جنوں بننے کی دعا کررہاہوں۔
    اصل میں زرقا مفتی صاحبہ کے اس شعر کی طرح اب اقبال کے موقف سے بھی آگے بڑھ گیا ہوں:
    بھٹک رہے تھے خرد تیری پیروی میں ہم
    جنوں کی راہ چلے ہیں تو آگہی پائی

    تو فیاض امر صاحب آپ میر ی باتوں کا خیال دل میں لے کر اپنے دردِ سر میں ا ضافہ مت کیجیے ۔
    ایک بات ضرور ہے کہ میں آپ کے لکھنے کے انداز کی قدر کرتا ہوں ۔ میری خرد آپ سے اتفاق کرے یا نہ کرے میرا دل آپ کی تحریر کا شیدائی ہے۔
    تو آپ بقول انیس : مضامینِ نو کے انبا ر لگا تے جایئے ۔ آپ کی خرمن کے خوشہ چینوں کو خبر دار کرنا عالمی اخبار کے بلاگوں کا کام ہے۔

    فقط :
    علم کا خواہاں قلندر
    منطور قاضی از جرمنی

  34. ” شیخ ایاز ۔۔( ” ساوتھ ایشیا کے مستقبل کا شاعر ” ۔ بقول فیض کے عنوان پر جنا ب فیاض امر صاحب نے ایک امر بلاگ لکھا تھا ۔ اگر فیاض امر صاحب کو یاد ہے تو یہ کہدوں کہ اس بلاگ کی درخواست میں نے ہی فیاض امر صاحب کو پیش کی تھی۔

    یہ بلاگ 16 مئی سے لے کر 18 مئی 2009 تک چلتا رہا ۔ اس کے صرف اور صرف ان تحاریر کو جو فیاض امر صاحب کے قلم کی تخلیق ہیں پورے بلاگ سے نکال کر ” عالمی اخبار کے ادب کے سیکشن ” میں ہمیشہ کے لیے محفو ظ کردینے کی تجویز بے حد نیک اور اہم ہے ۔

    مگر ایسا کرنے سے عالمی اخبار کی انتظامیہ کو اس بلا گ کے مبصروں کے سوالات اور تبصرے حذف کرنے کا کام کرنا پڑے گا ۔
    مجھے اپنے تبصروں کے حذف کرد یئے جانے کی فکر نہیں ہے مگر ان میں خود شیخ ایاز کا کلا م اور اس “عظیم ” شاعر پر حمایت علی شاعر کی کتاب کے اقتباسات کے حذف کئے جانے پر مایوسی ہوگی۔
    فقط:
    منظور قاضی از جرمنی

  35. بابا سائیں!
    السلام علیکم۔ خدا آپ کو عمرٍ خضر عطا کرے۔ آمین۔

    عرض یہ ہے کہ میں آپ کی اول الذکر بات سے قطعی طور پر اتفاق نہ کرونگا۔ میں نے پہلے ہی عرض کردیا تھا کہ آج کل گرمیاں ہونے کی وجہ سے میں نے جو اپنے دماغ میں ٹیومر پال رکھا ہے اس کی وجہ سے ہے یہ درد۔ اس میں آپ کا کیا سبب؟ میں تو آپ سے دعائیں ہی لے رہا ہوں اور تا قیامت یہی امید ہے میری۔ آپ میرے بزرگ اور اپنے باپ کی جگہ ہیں۔ اس تعلق کے ناتے آپ میرے بابا سماں ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ میں “بابا” صرف اپنے ابو، میرے محترم محسن مرحوم اشفاق احمد صاحب، اور اپنے فقیر سائیں جو کہ میرا مرشد بھی ہے، اور اب ان میں ایک اور کا اضافہ کیا تھا، یعنی کہ “آپ”۔ اب آپ میرے دل میں اپنے لیے کیا مقام رکھتے ہیں اس کا اندازہ یہاں سب ہی مہربان دوست کر سکتے ہیں۔
    میں خود کو کیا بد دعا دوں اگر میں نے آپ کو اپنے نفسیاتی بلڈ گروپ کا نہ سمجھا ہو!
    جس کو کہنا ہے اس آپ بخوبی جان گئے ہیں، پھر بھی میرے بابا، مجھ پر اتنی تہمت؟
    میں نے یہاں کس کو طنز کا نشانہ بنایا ہے، ذرا اس کا حوالہ تو دیں، بابا سائیں؟
    ہم کس سے سیکھیں گے آپ لوگوں کے علاوہ، اور اگر سیکھ بھی رہے ہیں تو یہی؟ جو گذشتہ بلاگ سے میرے ساتھ آپ کر رہے ہیں؟ کیوں بابا؟
    علمی لحاظ سے آپ ہم سب سے نہ صرف بزرگ ہیں بلکہ واقعی ہم سے آگے بھی ہیں۔ کس نے انکار کیا؟ اس منہ جلے کا نام تو لیں؟
    میں نے کب کہا کہ آپ کو میں نے اپنا عزیز نہیں جانا کہ آپ میرے بلڈ گروپ کے نہیں؟ کہ جس بات کا نہ تو کوئی جواز بنتا تھا آپ نے قبلہ سائیں رحمت علی کے بلاگ میں بھی تذکرہ کردیا؟ میں نے یہاں چپت کا کہا، مطلب آپ نے کیا نکالا؟ کیا اتنا بھی حق نہیں ہیں ہے ہم چھوٹوں کو؟ پھر بتائیں آپ ہی کہ آپ سے چھوٹے کیسے بات کریں؟
    بابا، اگر یہی آپ کا رویہ ہے کہ جگہ جگہ کسی کی انا کو آپ اپنی طنز اور نج علمی ہم آہنگی نہ ہونے پر ذاتی رنجشوں میں استعمال کریں تو، لیجیے بابا۔۔۔۔
    آپ میرے بزرگ ہیں۔
    مولا لجپال آپ کو سب سکھ اور شفا دے۔
    آپ جانیں، آپ کے تبصرے۔
    جاتے جاتے آپ کے پاؤں پڑتا ہوں کہ کسی اور کے ساتھ نہ کیجیئے گا مستقبل میں!
    اللہ حافظ۔

  36. مجھے مغموم کرکے مت جائے قبلہ ۔
    میں اپنے آپ کو آپ کے بلاگوں سے دور ہی رکھنا چاہتا تھا مگر آپ ہی نے مجھے اپنے قریب بلایا اور اب مجھے آپ اپنی نظر سے گرا کر نہ جائیے ۔ اگر آپ میری تحریروں کی وجہ سے عالمی اخبار سے جانا چاہتے ہیں تو میں پھر آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں کبھی آپ کے بلاگوں میں دخل در معقولات نہیں کرونگا ۔
    آپ کی تازہ باتین آپ کی سابقہ باتوں کے پس منظر میں مجھے میری غلط فہمی کا شکا ر بنا گئیں جس کا مجھے دلی افسوس ہے اور میں آپ سے معافی کا خواستگا ر ہوں۔ مجھے معلوم نہیں تھا کہ آپ کا اشارہ ” بلڈ ” گروپ سے تھا نہ کہ کسی اور گروپ سے ۔ ” بلڈ ” کا لفظ شاید میری نظر سے اوجھل ہوگیا تھا ۔ اسلیے میں نے اپنے آپ کو “دو ایک کے ماسوا ” کے زمرے میں غلطی سے شامل کرلیا۔

    خد ا کرے کہ آپ میری غلطیوں کی سزا اپنے ہزاروں شیدایوں کو عالمی اخبار سے دور جا کر نہ دیں اس لیے کہ وہ تمام معصوم اس سلسلے میں بالکل
    بے گنا ہ ہیں۔
    اللہ آپ کے سر کے درد کو ہمیشہ کے لیے دور کردے ۔

    اب آیندہ کے بارے میں جو کچھ میرا رویہ ہوگا وہ تو آنے والےبلاگو ں کی نوعیت پر منحصر ہوگا ۔ اگر کوئی بات میرے تبصرےکے قابل ہو تو میں ضرور حسب استطاعت اپنے تبصرے پیش کرتا رہونگا ۔ میری تبصروں کا مقصد ہمیشہ تعمیری ہوتا ہے تخریبی نہیں ۔ اگر کسی حسا س دل کو میری صاف گوئی پسند نہیں آتی تو مجھے میرے ای میل کے پتہ پر مطلع کرتا رہے تاکہ میں آیندہ اس کے بلاگوں میں حصہ نہ لوں ۔

    میں تو اقبا ل کے اس شعر پر عمل کرتا ہوں :
    اپنے بھی خفا مجھ سے ہیں بے گانے بھی ناخوش
    میں زہر ہلا ہل کو کبھی نہ سکا قند
    ۔۔۔۔
    اپنی نیک دعاوں میں یاد رکھیے گا
    اللہ آپ کو صحت کلی عطا فرمائے اور آپ کی تحریروں کے شیدائیوں کو (جن میں میںبھی ہوں ) آپ کی تحریریں پڑھنے کی سعادت عطا فرمائئے ۔ آمین
    ۔
    آپ کا عقیدت مند
    منظور قاضی از جرمنی

  37. میرے اوہر کے تبصرےمیں میں ” خیالی ” خون کا گروپ کے الفاط ( جو فیاض امر صاحب کےرحمت علی سائین کے بلاگ مین موجود ہین) لکھنے چاہیے تھے۔
    میں اپنے آپ کو فیاض امر صاحب کے ” خیالی خون ” کے گروپ کا ممبر سمجھنے میں خوشی محسوس کرونگا ۔

  38. ارے بابا سائیں۔۔۔۔۔ یہ کیا کر رہے ہیں آپ؟
    میں ایک جاہل قسم کا آدمی اور آپ مجھے اتنا نظروں سے نہ گرائیں۔۔۔۔ اپنے پیر و مرشد کا واسطہ دے رہا ہوں آپ کو۔
    آپ ہمارے تھے۔ ہیں اور آخری سانس تک رہیں گے۔
    باقی حقیقت یہ ہے کہ میں عالمی اخبار میں خود کو یتیم اور لاوارث محسوس کرتا تھا، خصوصی طور پر آپ کے بلا جواز اور موضوع سے ہٹ کر “بس مجھے ٹھیس دینی ہے” کے نظریہ سے بھرے تبصروں کے بعد۔
    مجھے دو ای میل ایسی بھی ملی ہیں کہ جن کے سبب میرا کاندھا شرم کے مارے جھک گیا ہے۔
    ہاں میں آپ سب کے سامنے اپنا اعتراف کرتا ہوں کہ میں ٹاٹ کا پیوند تھا جسے اعلی حضرت صفدر ھمدانی صاحب اور ظہور بھیا والے بخمل میں لگانا چاہتے تھے۔ اچھا ہؤا اپنی اوقات کا پتہ چل گیا۔
    اسی بلاگ میں نادانی سے، میں ایک صاحب کا تبصرہ بھی خود ہی صاف کردیا تھا۔ جس میں اس صاحب نے مجھے ان القاب سے پکارا تھا کہ جن سے میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے تھے۔ نہیں چاہتا تھا کہ ایک بیکار آدمی کی وجہ سے یہاں ایک خواہ مخواہ فساد کھڑا ہوجائے.
    تو قبلہ بابا سائیں، ابھی میری ماں زندہ ہے، دعائیں مل رہی ہیں، کہ بچ جاؤنگا ان کلمات سے جو وہ صاحب دے چکا تھا۔
    بابا سائیں آپ میرے محترم ہیں، اور پھر عرض کرتا ہوں کہ میرے باپ کی جگہ ہیں۔

    باقی فیصلہ آپ خود ہی کریں، اپنے بچوں کے پیٹ پر ہلکی سی چھری گھونپ کر، کچھ وقت ملازمت سے جدا ہوکر، یہاں بلاگ نگاری لکھوں اور اس کے عیوض ملے کیا؟
    طنز، بد دعائیں، ذو معنی جملے؟ اور گالیوں سے بھرے ای میل؟ کہ میں یہ کہ میں وہ۔۔۔۔۔۔۔؟
    میں اتنا بھی جاہل نہیں کہ مجھے گالیاں ملیں تو غصہ آجائے، ہاں اھلٍ علم سے چند جملے ہی کافی ہیں کہ چلو بھر پانی میں ڈوب مروں۔۔۔۔
    میں پڑھونگا عالمی اخباری بلاگ، ضرور، لیکں قبلہ بابا قاضی لکھونگا کچھ بھی نہیں۔۔
    کیا کریں بابا سائیں، اندر میں ابھی ایک کتا نفس سانس لے رہا ہے۔ جب وہ مر جائے گا تب شاید میرے بچے آپ لوگوں کو بتادیں کہ۔۔۔ ہمارا بابا نہ رہا۔
    مالک آپ سب کو سلامت رکھے۔ اور ہلکے پھلکے موضوعات پر قائم رکھے۔
    مجھے اپنی محسنہ ڈاکٹر پنہاں کی واقعی یاد آئی تھی۔
    بڑی معذرت کے ساتھ آپ سب کا ایک جاہل اور ضدی بچہ
    ..

  39. مجھے تو فیاض امر صاحب کے ای میل کا پتہ معلوم نہیں ہے ۔
    پتہ نہیں کس بدبخت نے انکو دو ای میل کے خطوط بھجوائے۔
    خدا ہر ایک کو نیک توفیق دے ورنہ ۔۔۔۔۔۔۔
    فیاض امر صاحب قبلہ مجھے اپنے اچھے اچھے الفاظ سے خطاب کرنے کے بعد مجھے اپنی عالمی اخبار سے جدائی اور بیزارگی کا سبب نہ بنا دیں تو مشکور ہونگا۔
    میں ان سے پھر کہ رہا ہوں کہ میں بھی انکی تحریروں کے شیداییوں میں شامل ہوں ۔ وہ مجھے اور سب کو چھوڑ کر نہ جائیں یہ ہی ان سے درخواست ہے ۔
    میں پھر کہ رہا ہوں کہ میں ان کے بلاگوں میں قطعی حصہ نہیں لونگا چاہے وہ میری نظر میں قابلِ تبصرہ ہوں یا نہ ہوں۔
    خوش رہیے تاکہ آپ کے سر کا درد۔ شقیقہ دور ہوجائے۔
    فقط
    فیاض امر صاحب کی حساس طبیعت کا خائف
    منظور قاضی از جرمنی
    manzoorquazi@gmail.com

  40. فیاض صاحب
    السلام علیکم
    آپ سے ایک درخواست ہے کہ انبیا کرام کے لیے واحد متکلم کا صیغہ استعمال کرنے سے اجتناب کیجیے
    آپ ہم جیسوں کو تو آپ جناب کہہ کر مخاطب کرت ہیں لیکن انبیا کرام کے ذکر میں واجب احترام کو ملحوظِ خاطر نہیں رکھتے
    ہم مسلمانوں کے لیے حضرت آدم علیہ السلام سے لیکر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک سبھی واجب الاحترام ہیں

    آپ کے اکثر مراسلوں سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ صوفیا کرام سے عقیدت رکھتے ہیں
    مگر میں دیکھتی ہوں کہ صوفیا کرام کے طریقے کے برعکس آپ بہت جلد دل برداشتہ ہو جاتے ہیں

    آپ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کا تذکرہ کیا
    اور اُس کے لیے ایک نظریہ بھی تراشا

    حضرت ابراھیم علیہ السلام کی قربانی بے نظیر ہے اسی لیے رہتی دُنیا تک اُن کی سنت کے اتباع میں مسلمان قربانی کافریضہ انجام دیتے رہیں گے

    اللہ تعالیٰ کو صرف حضرت ابراھیم علیہ السلام کی آزمائش مقصود تھی

    حضرت اسماعیل علیہ السلام کو یہ فخر حاصل ہے کہ وہ نبی آخرزماں صلی الہ علیہ وآلہ وسلم کے جدِ امجد ہیں

    ان کے تقابل میں آپ نے حضرت ابراھیم بن ادھم کا تذکرہ کیا

    اللہ تعالیٰ نے جن ہستیوں کو اپنا پیامبر بنایا وہ یقینا باقی تمام انسانوں سے افضل ہیں

    والسلام
    زرقا
    والسلام

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *