جلدبازی اور ناسمجھی

آج جب ہوسپٹل سے نکلی تو سوچا گاڑی میں پیٹرول بھروا لوں . جیسے پیٹرول اسٹیشن کے کاؤنٹرپر پیسے دینے کے لئے آئی تو کاؤنٹر پر تیس ،چوبیس برس کا درمیانے سے قد کا سانوالا سا لڑکا کھڑا تھا . چہرے مہرے سے اپنے ہی دیس سے لگا اور شاید اسے بھی ایسا ہی کچھ احساس ہوا تھا . اس نے بے اختیار پوچھ لیا کہ میں کہاں سے ہوں .. اتفاق دیکھئے ہمارا ملک ایک ہی نکلا . اس کا نام اویس تھا اور وہ پاکستان کے شہر لاہور سے تھا . اپنی تعلیم مکمل کرنے کے سلسلے میں یہاں آیا ہوا تھا . اس نے درخواست کی میں اس کی پوری بات سن لوں کہ وہ بے حد افسردہ ہے اور آج بہت ممکن ہے کہ خود کشی بھی کر لے … میں نے حیرانگی سے اسے دیکھا اس کی آنکھیں جھلملا رہی تھیں .

وہ کئی بار باتوں کے بیچ میں گفتگو کا سلسلہ منقطع کرتا .. دوسرے گاہکوں کی طرف متوجہ ہوتا اور جیسے ہی کاؤنٹر خالی ہوتا اپبی باتیں اردو میں شروع کر دیتا . اس نے بتایا کہ وہ ایک اچھی زندگی کی تلاش میں پہلے دبئی گیا تھا اور اب یہاں آیا ہے . اور آئے ہوئے صرف تین ماہ ہوئے ہیں . اس نے بتایا کہ دبئی میں اس کی ملاقات ایک مراکش لڑکی سی ہوئی جو وہاں پر اپنی جاب کے سلسلے میں آئی ہوئی تھی . دونوں کی دوستی ہو گئی .. بات انگیجمنٹ تک جا پہنچی . گھر والوں کو کوئی اعتراض نہ تھا کہ لڑکی مسلمان ہے اور اس سمیت اس کے گھر کی ہر عورت حجاب لیتی ہے . یونہی تین برس گزر گئے .اور دونوں کا آپس میں رابطہ صرف برقی تاروں کی مدد سے جڑا رہا .

اس نے دل گرفتہ ہو کر بتایا کہ آج صبح ہی اس لڑکی کافون آیا تھا کہ وہ اس سے شادی نہیں کر سکے گی کہ اب اس کو اس میں کوئی کشش دیکھائی نہیں دیتی . وہ بہتر سمجھتی ہے کہ شادی کے بعد جو طلاق ہو وہ بات ابھی ختم ہو جائے . اویس نے یہ ساری باتیں مجھے صرف پاکستان سے تعلق رکھنے کی وجہ سے بتائی تھی کہ اس کو یقین تھا کہ ایسے وقت میں ، میں اسے ضرور کوئی اچھا سا مشورہ دونگی . میں نے اسے کہا ہے کہ وہ اپنے گھر والوں سے تفصیل سے بات کرے اور اس لڑکی کو بھی تھوڑا سا وقت دے کہ کہی اس نے جذباتی ہو کر کوئی فیصلہ نہ کیا ہو .

پر میں جب سے سوچ رہی ہوں …

کیا شادی بیاہ جیسے رشتوں کے لئے صرف ” مسلمان” ہونا ہی کا فی ہوتا ہے یا پھر تہذیب تمدن یعنی کلچر ، زبان اور اطوار کا بھی ایک ہونا بھی ضروری ہے . ..

پھر محسوس ہوا کہ اتنی دور بیٹھ کر رشتے نبھانا آج کی نسل کے بس کا روگ نہیں …

مجھے یہ بھی لگا کہ اویس کا اس قدر جلد کسی پر بھروسہ کر لینا اچھا نہیں ہے … جیسے اس نے مجھ پر کیا تھا …

جلدبازی اور ناسمجھی کا آپس میں بڑا مظبوط رشتہ ہوتا ہے …. کہی اویس نے جلد بازی میں اپنی خوشیاں ہی داؤ پر تو نہیں لگا دیں .

18 thoughts on “جلدبازی اور ناسمجھی”

  1. نیہن کچھہ بھی غیر ممکن ترے عشق کے سہارے
    تو کہے تو آسماں سے ابھی توڑ لاوں تارے

    ڈاکٹر صاحبہ نے ھمشیہ کی طرح سادہ مگر موثر انداز ایک بہت اھم موضوع پر قلم آٹھایا ھے ۔اور حاصل بلاگ تو یہی سطورھیں

    کیا شادی بیاہ جیسے رشتوں کے لئے صرف ” مسلمان” ہونا ہی کا فی ہوتا ہے یا پھر تہذیب تمدن یعنی کلچر ، زبان اور اطوار کا بھی ایک ہونا بھی ضروری ہے

    مراکش میں انگریزی بھی نہین ایک مشکل زبان فرنچ بولی جاتی ھے اور انکی عربی بھی بہت مشکل ھوتی ھے ۔شادی کے لیے زبان کی ھم آھنگی بھی ضروری ھوتی ھے۔

    شادی ضرور کرنی چاھیے اگر اچھی اور سمجھہ دار بیوی مل گی تو زندگی پر مسرت ھوگی اور اگر بری شریک سفر ملے گی تو پھر یہی فلسفی اور شاعر بن جايئنگے اویس نوجوان ھے انکے خون میں حدت وشدت زیادہ ھوتی ھے، ھر چمک دار چیزیں انکو سونا دکھائ دیتی ھے ،بڑے فیصلے بھی عجلت میں کرتے ھیں ، اسی لیے کہا جاتاھے کہ جلدی کا کام شیطان کا ۔

    نتیجہ یہ ھوا کہ شوق پاسکا نہ کھوسکا
    تمیں وفا نہ آسکی مجھے جنوں نہ آسکا

  2. شاہین تم نے بلکل صحیح کہا کہ جلدی کا کام شیطان کا ہوتا ہے .. لیکن تم نے غور کیا کہ اویس کے ماں باپ نے بھی نہیں سوچا کہ کہ اس کے لئے کیا بہتر ہو گا . انہوں نے میرے خیال میں باہر کی لڑکی دیکھی اور سوچا کہ دونوں دبئی یا سڈنی رہیں گے .. ان ظاہری آسائیشوں اور رنگگینیوں کے پیچھے گہرے اندھیرے اور مایوسی کے بادل انہیں نظر نہیں آئے . انہیں سمجھانا چاہیئے تھا اویس کو .. ہمیں بحثیت ماں باپ کے سمجھانا چاہیئے کہ بچوں کے حق میں کیا اچھا ہے اور کیا برا .. نہ مانیں تو ان کی صوابدید .. اپنی زمہ داری پوری کرنی چاہیئے .

    میرے خیال میں کامیاب شادی کے لئے صرف مسلمان ہونا ہی کافی نہیں بلکہ کلچر اور زبان بھی بہت معنی رکھتی ہے اور اسے ہر گز نطر انداز نہیں کرنا چاہیئے .

  3. نتیجہ یہ ہوا کہ شوق پاسکا نہ کھوسکا
    تمیں وفا نہ آسکی مجھے جنوں نہ آسکا

    واہ واہ واہ .. دوست بتا تو دو کس کا ہے ..اتنی قیامت کا شعر .. واہ

  4. اردو شاعری میں عشق و عقل کا جھگڑا جمیل مظہری کا خاص موضوع رھا ھے

    پوری غزل حاضر ھے

    وہ زندگی عجیب تھی نہ ھجر تھا نہ وصل تھا
    کہ دو دلوں کا مسلہ نزاع عشق وعقل تھا

    نتیجہ یہ ہوا کہ شوق پاسکا نہ کھوسکا
    تمیں وفا نہ آسکی مجھے جنوں نہ آسکا

    برا ھو عقل کا کہ عشق کے مزے نہ آسکے
    نہ تم فریب کھا سکیں نہ ھم فریب کھا سکے

    بس ایک چھاوں تھی گزر گی نکل گی
    ھمارا انتظار کرکے دوپہر بھی ڈھل گی

  5. یوں تو انٹرنیٹ محبت اور دوستیاں پوری دنیا میں عام ہو چکی ہیں لیکن ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے یو نا ن کے شہر ایتھنز کے شہری اس کام میں سب سے زیا دہ ماہر ہیں۔
    آن لا‏ين

    دوستیاں اور معاشقے کرنے میں لندن اور پیرس سے بھی آ گے ہیں اور ایتھنز کا ایک عام شہری ایک مہینے میں اوسطا ً پچیس اعشاریہ سات (25.7) مرتبہ آن لائن فلرٹ کر تا ہے جبکہ روس کے شہر ماسکو کے باسی اس سلسلے میں دوسرے نمبر ہے ۔ حیرت انگیز طور پر رومانوی شہر پیرس کے رہائشی اس معاملے میں بہت پیچھے ہیں اور اس فہرست میں اڑتیسویں (38) نمبر پر آئےھیں

    اور ھمارا پیارے وطن پاکستان کے بارے میں ایک سروے میں بتایا گیا ھے کہ سب سے زیادہ غیر اخلاقی ویب سائٹ دیکھنے کے شوقین پاکستان میں ھیں۔ کس کس بات پر ماتم کریں، اللہ پاک رحم فرماۓ

    اویس بیچارے کو اللہ میآں ھدایت فرمايئں اللہ کرے اس کو بہترین شریک سفر ملے جو اس زخم کو یکسر مٹاکر اویس کو ایک نیا انسان بنا دے،
    اللہ تعالی اس کو استقامت عطا فرماۓ ، نیکی اور سچائ کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرماۓ اور اس کے ذھن سے خودکشی اور اس مراکشی لڑکی کا خیال بالکل نکل جاۓ ،اس کے دل و دماغ کو پرسکون اور پاک رکھے آمین ثمہ آمین

  6. ہمارے سماج کا بہت بڑا المیہ یہ ہئے کہ جوان ہوتے ہوئے بچّوں سے شادی بیاہ کی باتیں کرنا معیوب سمجھا جاتا ہئے جبکہ اس

    موضوع پر ان سے گاہے بگاہے ضرور بالضرور بات کرنی چاہئے ،اس بات میں اس بات کا بھی تذکرہ ہو کہ جوڑے تو آسمان پر بن چکے ہوتے ہیں زمین پر صرف رسم دنیا انجام پاتی ہئے اور جو نوجوان لڑکے اور لڑکیا ں جذبات میں آکر اپنے جوڑکے علاوہ کسی کا

    انتخاب کر بھی لیتے ہیں تو انکی جدائ لازمی ہوتی ہے خواہ کسی بھی شکل میں ہو،

    پردیس میں نئے نئے آئے ہوئے اکثر نوجوانوں کو جذباتی سہاروں کی ضرورت ہوتی ،اس نوجوان نے بھی اس مراکشی لڑکی کے اندر ایک ایسی کشش دیکھی جس کی جانب وہ متوجّہ ہوا ،بعد میں وہ لڑکی کیوں اس کی محبّت سے انحراف کر گئ ،یہ بات تو لڑکی ہی جان سکتی ہئے

    اس نو جوان نے مسیحا بیٹی سے اپنا درد اس لئے شئر کیا کہ بعض چہرے ہی ایسے درد مند نظر آرہے ہوتے ہیں کہ ان سے کوئ بھی دکھی دل اپنی داستان پہلی بار دیکھتے ہی بیان کر سکتا ہئے کہ اعتبار تو اس کے چہرے کا عکّاس ہی ہوتا

  7. جلد بازی کا کام تو شیطان کا ہے لیکن یہ بتائیں کہ شیطان کا کام کون کر رہا ہے؟
    آپ کا اٹھایا ہوا یہ سوال خاصا اہم ہے کہ ……..کیا شادی بیاہ جیسے رشتوں کے لئے صرف ” مسلمان” ہونا ہی کا فی ہوتا ہے یا پھر تہذیب تمدن یعنی کلچر ، زبان اور اطوار کا بھی ایک ہونا بھی ضروری ہے ……. اب میرے جیسا آدمی اس کے جواب میں کچھ لکھے گا تو پھر ایک طوفان کھڑا ہو جائے گا. میرے خیال میں مسلمان ہونے کے علاوہ باقی سب کچھ بہت ضروری ہے.
    اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں انسان کی فطری کمزوریوں میں سے ایک کمزوری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا:

    وَكَانَ الْإِنسَانُ عَجُولاً.

    (الْإِسْرَاء – بَنِيْ إِسْرَآءِيْل ، 17 : 11)

    ’’اور انسان بڑا ہی جلد باز واقع ہوا ہے۔‘‘

    اس کا مطلب یہ ہے کہ انسان کی طبیعت میں عجلت پسندی یا جلد بازی کا مادہ پایا جاتا ہے کہ وہ ہر معاملے میں فوری نتائج چاہتا ہے۔ چنانچہ وہ اُن کاموں کی طرف لپکتا ہے جہاں کوئی فوری فائدہ یا لذت دکھائی دے رہی ہو، خواہ اُس کا آخری انجام نقصان دہ ہی ہو لیکن اُن کاموں کی طرف آمادہ نہیں ہوتا جہاں کوئی وقتی فائدہ یا مصلحت نظر نہ آ رہی ہو یا بظاہر کوئی نقصان دکھائی دے رہا ہو اگرچہ آخر میں وہاں سے کوئی بہت بڑا فائدہ برآمد ہونا ہو۔ یہ انسان کی عجلت پسندی ہی ہے جو اُسے دنیا کے وقتی ، عارضی، فانی اور ناپائیدار فائدوں کی طرف اُکساتی ہے اور آخرت کے حقیقی نفع کو جو بظاہر دکھائی نہیں دے رہا اُسے نظروں سے اوجھل کر دیتی ہے۔

  8. بہن نگہت آپ نے ہمیشہ کی طرح بہت اچھا ٹاپک چھیڑا ہے۔ آج کے دور میں ماں باپ بھی مشکل میں ہیں اور بچے بھی مشکل میں ہیں اگر وہ کہتے ہیں کہ مسلمان اور پاکستانی بچی شادی کرو۔ تو یہاں جو بچے پرورش ہو ئے ہیں انکی پاکستا نی بیویاں ہر وقت ان کوشک کی نگاہ سے دیکھتی ہیں کیونکہ جب بھی اس کی کوئی فیلو ملتی ہے تو وہ اس کے گلے کا ہار ہو جاتی ہے جو یہاں معیوب نہیں سمجھا جاتا؟ اور وہ اگر اپنی پسند کی شادی کرنا چاہے اور ماں باپ منع کر دیں تو بھی وہ کر لیتا ہے۔لہذا وہ مجبور ہیں کہ اس کی پسند کے درمیان حا ئل نہ ہوں؟ اور یہ ہی معاملہ یہاں کی لڑکی اور وہاں کے لڑکے ساتھ ہے؟ جبکہ ٹالرینس (صبر) ہمارے ہاں سکھا یا ہی نہیں جاتا۔میرا مشورہ ہے تمام بہن بھا ئیوں کو کہ سب لوگ اس پر بحث کرکے کوئی حل نکا لیں ؟ورنہ یہ سلسلہ جا ری رہے گا۔

  9. نگہت نے ہمیشہ کی طرح ایک اچھے موزوں کی طرف توجہ دلائی ہے .سب نے اپنی اپنی جگہ بہت اچھا اظہار خیال کیا ہے .میں تو اتنا ہی کہوں گی اگر یہی اویس پاکستان ہوتا .پھراپنی محبت کا اظہار والدین سے کرتا تو کیا اتنی آسانی سے مان جاتے .ہر گزنہیں بہت سے مسائل اویس کے آگےکھڑے ملتے .ہر پاکستانی کہلانا تو پاکستانی ہی چاہتا ہے مگر اپنے ملک میں رہنا نہیں چاہتا .
    اپنوں سے دور بَس کر اتنا کمزرو ہوچکاہے کہ صبح کے کئے فیصلے شام کو اور شام کو کئے فیصلے بدلنے میں دیر ہی نہیں لگاتا .اویس اُسے سمجھ نہیں پایا یا پھر خود کو …یہ ایک سوال ہے ؟ کیا کبھی کسی نے دوسرے کے بارے میں سچ کہا ہے؟ ہمیشہ خود کو ہی ٹھیک سمجھتا ہے ..شادی کوئی کھیل تو نہیں .زندگی بھر ساتھ نبھانے کا نام ہے پھر اتنی جلد بازی و بے اعتباری کیوں .
    یہ میری رائے ہےکیونکہ ہر ایک کو اپنی اپنی رائے دینے کا مکمل حق ہے.

  10. ڈاکٹرصاحبہ! گوکہ میں محبتوں کے جلد عام ہونے اورپھر جلد رسوا ہونے پریقین نہیں رکھتا لیکن محبت پر یقین ہے کہ یہ کائنات محبت کی بدولت قائم ودائم ہے یہ الگ بات کہ ہم محبت کے کانوں سے پکڑکر اپنی مرضی کے راستے پرگامزن کردیا ہے اورجس کاجی چاہتا ہے اسے اپنی مرضی کی شکل دے ڈالتاہے بہرحال اس نوجوان سے ہمدردی یوں بھی زیادہ ہے کہ پردیس میں روزگارکیلئے جانیوالا ہرشہری ”محبت ،خلوص” کامتلاشی ہوتاہے لیکن اس آس میں اگر کسی سے دل لگی ہوجائے تو اسے دل لگی ہی سمجھاجاناچاہئے دوسری بات کہ محبت محض ”برقی تاروں” سے ہی قائم ودائم نہیں رہ سکتی ہاں آواز کے سہارے محبت کا ”کھیل ضرور کھیلاجاسکتاہے” اس نوجوان سے ہمدردی تو ہے کہ وہ بیچار ا بہت جلد اس کھیل کاشکارہوگیا ہے ہوسکتاہے کہ وہ لڑکی بھی مجبور ہو لیکن اس کا رویہ کچھ عجیب سا لگا۔ رہی بات کہ محبت کیلئے ہم مذہب ہونا ضروری ہے یا نہیں ،یہ الگ مگر متنازعہ سی بحث ہوجائے گی اول یہ کہ جس قسم کی محبت کاتصور معاشرے میں عام ہے وہ محبت کم ازکم ہمارے ہاں جائز نہیں ، دوسری بات کہ محض میل ملاقات کرلینا ہی محبت کی علامت نہیں ہوتا اورپھر ان نزدیکیوں کے نتیجے میں جو کچھ ”پروان ” چڑھتا ہے وہ سرے سے ہے ہی ناجائز ، اس کی نہ تو اسلام میں اورنہ ہی کسی مذہب میں اجازت ہے۔ لہٰذا محض دو چار ملاقاتوں کو یا محض ”برقی تاروں” کے ذریعے پروان چڑھنے والے رشتوں کو محبت کہنا بذات خود اس جذبے کی توہین ہے۔ ڈاکٹر صاحبہ،اگر کبھی اس نوجوان سے پھر ملاقات ہو اسے سمجھائیے کہ پاکستان میں جس طرح سے ”موبائل محبتوں” کا کھیل کھیلا جارہاہے ہوسکتاہے کہ وہ لڑکی بھی ویسا ہی ”برتائو” اس نوجوان سے کررہی ہویا کرچکی ہو، لہٰذا اتنی جلد ی کسی ”کھیل’ کاحصہ بننے سے پہلے سوچنا چاہئے کہ اس کے دیار غیر میں آنے کامقصد کیا تھا، وہ کیا امیدیں لیکر یہاں آیا اوراس کے بہتر مستقبل کی آس کتنی آنکھوں، کتنے دلوں کو ہے ۔ اگر وہ اپنا زاویہ نگاہ و دل درست کرلے تو پھر کبھی ایسا نہیں ہوگا۔ ہاں اگر وقتی اورجذباتی کھیل کھیلنا ہے توپھر پاکستان میں رہنے والوں کوبھولناپڑیگا۔

  11. ثقلین بھائی واہ اتنے مزیدار انداز میں اتنے قیمتی تبصرے کا بہت بہت شکریہ .. مجھے سب سے مزیدار بات ” موبائل محبتوں ” نے دی .. ہاہاہاہا .. خوش رہیئے

  12. فرخندہ نے بلکل درست کہا اور میں اس سے سوفیصد متفق ہوں کہ “زندگی بھر ساتھ نبھانے کا نام ہے پھر اتنی جلد بازی و بے اعتباری کیوں .”

  13. شمس بھائی نے ایک ایسے مسلے کی طرف توجہ دلائی ہے کہ اس پر سب کو گہری فکر کے ساتھ سوچنا پڑے گا ” جو بچے پرورش ہو ئے ہیں انکی پاکستا نی بیویاں ہر وقت ان کوشک کی نگاہ سے دیکھتی ہیں ” شمس بھائی وہی نہیں بلکہ جو جو بیویاں ایسا کرتی ہیں وہ چاہے جہاں کہی بھی ہوں انہیں اپنے رویوں پر توجہ ضرور کرنی پڑے گی کہ بے اعتباری کئی مسائل کو جنم دیتی ہے . وہی مردوں کو بھی اپنے رویئے پر توجہ دینی ہو گی کہ بے لگامی کا مظاہرہ نہ کریں . ایک اور بات انتہائی توجہ طلب ہے ” ٹالرینس (صبر) ہمارے ہاں سکھا یا ہی نہیں جاتا ” بس کبھی یہ آ جائے نہ ہم میں تو معاملات الجھے ہی کیوں .

  14. زائرہ بجو .. آپ کی محبت اور توجہ اور مسائل کا حل دینا ہمارے لئے باعث عزت ہے ..بہت شکریہ

  15. اسلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ
    ماشا اللہ بہت خوب میرے تمام بھائیوں اور میری بہنوں نے بہت ہی اچھے اچھے مشوروں اوراپنی قیمتی اراء سے مستفید کیااللہ تعالٰی سبکو جزائے خیر عطافرمائے آمین ۔۔میں بھی مختصرطور پر کچھ عرض کرنا چاہوں گا اور وہ یہ کہ بحیثیت مسلمان تمام مسائل کا حل صرف ایک ہی ہے بد قسمتی سے جس سے آج ہم دور ہوتے جا رہے ہیں اور وہ ہیں اسلام کے سنہری اصول جو زندگی کے ہر شعبے کا مکمل احاطہ کرتے ہیں اور تمام مسائل کا انتہائی آسان حل پیش کرتے ہیں اللہ تعالٰی ہم سب کو پورے یقین اور خلوص کے ساتھ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے ان تمام اصولوں پر صحیح عمل کرنے کی توفیق نصیب فرمائے آمین۔

  16. مجاہد بھائی بلاگ فیملی میں خوش آمدید ۔۔ آپ کی باتوں سے صد فیصد اتفاق کرتی ہوں ۔ پر وہ بھی تو ہم ہی لوگ ہیں نہ جنہوں نے اسلام کے ان قوانین کو جو ہمیں نفس کشی سکھاتے ہیں انہیں ناقابل عمل سمجھ رکھا ہے ۔ مجھے تو سمجھ نہیں آتی کہ ہم جا کس سمت رہے ہیں اور اس بے راہ زندگی سے چاہتے کیا ہیں ۔ کوئی منزل تو تب ملے نہ جب نصاب صحیح ہو ، رستہ درست ہو ۔ ہمارا حال اس سے اچھا اور ہو بھی کیا سکتا ہے جو آج ہو رہا ہے ۔۔ پر پھر بھی اللہ سوہنے سے آس ہے کہ وہ ہماری دلوں اور حالوں پر رحم فرمائے اور ہمیں مرنے سے پہلے ایک اچھا انسان بننے میں ہماری راہنمائی فرمائے ۔۔ انشاللہ
    بھائی آپ کی مسلسل آمد کا انتظار رہے گا ۔
    سلامت رہئے

  17. السلام علیکم
    میں سمجھتا ہوں ، بلکہ میرا عقیدہ ہے کہ شادی محض دو دلوں ، روحوں یا جسموں کے باہم مل جانے کا نام نہیں ہے ، جیسا کہ آج کل عام طور پر سمجھا جاتا ہے ، شادی دراصل ایک نئے خاندان کے آغاز کا معاشرتی اعلان ہوتا ہے ، سو ہم جب بھی شادی کریں تو یہ بات دھیان میں رہنی چاہے کہ میں اس شادی سے ایک نئے خاندان کی ابتداء کرنے جا رہا ہوں ، اور جب آپ یہ بات ذہن میں رکھ کر شادی کے بارے میں سوچیں گے تو آپ کا ہر ہر انداز بدل جائے گا ، آپ اپنے بچوں کے کے لیے ایک ایسی ماں لانا چاہیں گے جو ان کی بہترین تربیت کر سکے ، آپ اپنے لیے ایک ایسی بیوی چاہینگے جو معاشرے میں آپ کی عزت اور وقار کی محافظ ہو ، یہ سب کچھ سامنے رکھنے کے بعد آپ یقینا کوئی بھی فیصلہ محض جذبات میں نہیں کرینگے ۔
    آصف احمد بھٹی

  18. میری شادی سے پہلے ابو کے کئی دوست جو انگلینڈ اور کینڈا میں سیٹ ہیں نے میرے ساتھ اپنی اپنی بیٹیوں کی شادی کی بات کی تھی مگر ہر بار میں نے انکار کر دیا ، حالنکہ ایک بار ابو جی ناراض بھی ہوئے کہ وہ ابو کے عزیز ترین دوست تھے ، مگر اب کئی بار ابو جی میرے اس فیسلے پر خوش ہوتے ہیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *