کہتے ہیں کہ یہ کائنات ایک عظیم دھماکے سے وجود میں آئی. دھماکہ، جو کہ ایک ردھم کا بنیادی حصہ ہوتا ہے. اور اسی طرح پھر ایک موسیقائی آواز سے اپنی حقیقت کی طرف لوٹے گی. جس کو حضرت اسرافیل بجائے گا. ایک آواز سے ابتدا لے کر ایک آواز پر ہی انتہا کرنے والی اس کائنات میں یہ اشرف انسان کس طرح بے کل ہے، اداس ہے، بیچین ہے کہ جیسے اس سے کوئی لا مرئی سی وجودیت چھینی گئی ہو!
کبھی شاعری کے الہام پا کر اپنے احساسات کو کشیدہ کاری کرتا ہؤا روتا ملے گا تو کبھی صحرائوں بیابانوں میں تیاگ کرکے “دکھم مایا بکھم” کی صدائیں بلند کرتا ملے گا.
بے قراری کی اس سے اور بڑی مثال کیا ملے گی کہ سلطنت کو ٹھوکر مار کر گوبر تک کھائی، جنگلوں میں ننگے جسم کے ساتھ حشرات الارض کی خوراک بنتا رہا، اور جب اپنی ھستی کی نفی پا ہی لی تب واپس لوٹا اور ایسے لوٹا کہ آدھی دنیا پر عدم سلطنت کے بادشاہی کی. لیکن پھر بھی اداسی کی پوٹھلی اپنے ساتھ ہی رہی!
بے چینی کا یہ عالم کہ سب خواب شرمندہٍ تعبیر ہو بھی گئے، لیکن دل ٹکنے کو نہ تھا، سو نہ ٹکا!
نوالہ کھانے کو نہ تھا، لیکن اب ڈائننگ ٹیبل پر بیٹھ کر ایک پل سوچتا ہے کہ کونسا ڈش پہلے کھایا جائے!
سونے کو چٹکھتی ایک چار پائی تھی، لیکن اب دبیز قالین والے کمرے میں بھی ملائم بستر پر آنکھیں کھولے ہوئے لیٹا ہوا ہے!
پیدل چلتے چلتے پاؤں میں چھالے پڑجاتے تھے، پر اب گرمیوں میں یخ ٹھنڈی اور سردیوں میں محبتوں جیسی گرم گاڑیوں میں سفر کرتا ہے!
تختی پڑھنے کے لیئے پئسے امی نے ادھار پر لیے تھے، اور اب پانچ چھ بئنک میں پئسے ٹھسے ہوئے ہیں، بھرے ہوئے ہیں!
اتنا کچھ ہونے کے باوجود انسان ابھی تک اس خواب کی تعبیر نہیں پا رہا جو نیند تو کیا کھلی آنکھوں میں بھی چشمٍ آشوب کی طرح کسمسا رہا ہے. ھروقت ایسے سونا پن محسوس کر رہا ہے (اور کرتا آیا ہے) کہ جیسے بہت اہم کہ جس کے بغیر زندگی بے معنی ہو وہ چیز کہیں کھو گئی ہو!
میں نے دیکھا ہے کہ انسان جیسے ازل سے اپنے جیسے وجود کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ شب و روز وہ سیکڑوں انسانوں سے ملتا ہے، پر اس کے دل میں ایک عجیب سی کشمکش تلملا رہی ہوتی ہے۔ آج جو خواب وہ اپنے شعور کے پیرہن میں پروتا ہے، کل جیسے ہی اسے وہ تعبیر ملتی ہے تب اس کا شعور پھر کسی اور خواب کے سراب میں ڈبکیاں لیتا رہتا ہے۔
ایسا لگتا ہے جیسے ہماری خواہشیں نمرود کی وہ گدھیں ہیں جنہیں اس نے اپنے تخت پر کچھ اس طرح رسے کی مدد سے باندھ دیا تھا جن کے اوپر صرف دو فٹ کے فاصلے پر بانس کے لکڑے پر مردہ بکرے ٹانگ دیے گئے تھے۔ اور وہ گدھ ان کو حاصل کرنے کے لیے اوپر اڑ رہی تھی۔ اور ساتھ میں تخت کو بھی اوپر لے جا رہی تھی۔ اور تخت کے ساتھ بندھے وہ بکرے بھی! بکرے ہمیشہ سے دو فٹ اوپر ہی رہتے اور گدھ دھوکے میں اوپر اڑتی جاتی۔ انسان کی خواہشیں بھی ایسی ہی ہیں۔ ہمارے خواب ہمیشہ تعبیروں سے دو فٹ نیچے ہی رہتے ہیں۔ تعبیر ملتی ہے تو خواب پھر نئی اڑان کے لیے اپنے پر تولتے ہیں۔
تاریخ شاہد ہے کہ انسان کی ٹھنڈی آہوں میں کوئی فرق نہیں آیا ہے۔
بلکہ بڑھتی ہی رہتی ہیں۔
اکثر سوچتا ہوں کہ یہ بیقراری کیوں ہے!
انسان اپنے اندر اتنا سونا سونا کیوں ہے۔ آخر کس کی تلاش میں ہے؟
مجھے فقیر سائیں نے ایک بار بتایا تھا کہ آنحضرت صلعم بیٹھے بیٹھے اچانک کسی خیال میں مستغرق ہو جایا کرتے تھے۔ جب پوچھا گیا تب آپ فرمانے لگیں کہ : “مجھے ایک جرس کی آواز سنائے دیتی ہے۔”
میں نے کہیں کسی کتاب میں اس کا حوالہ نہیں دیکھا پر پتہ نہیں کیوں دل کہتا ہے کہ کمال کی بات ہے۔
وہ صدائے جرس کیا ہے؟
مجھے کیوں ایسا لگتا ہے کہ جیسے یہ واقعات یہ لوگ یہ دن یہ باتیں میرے ساتھ دوبارہ ہورہی ہیں! حالانکہ میں اس جگہ پہلی بار آیا تھا!
کیوں کوئی انسان پہلی نظر میں ایسے دل میں اتر جاتا ہے جیسے اس کے ساتھ صدیوں کی شناسائی ہو!
ایسا کیوں ہوتا ہے کہ سامنے والا وہ ہی بات زبان پر لائے کہ جو میں کہنا چاہ رہا تھا!
ہمارے اندر کیوں ایک اجنبی قوت ہمیں کسی لامکانی کی طرف کھینچتی جاتی ہے جسے ہم صرف محسوس کرسکتے ہیں، جس کا صرف ہمارے روح کو پتہ ہو!
ہم راستہ چلتے اچانک کیوں پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں، حالانکہ ہمارے پیچھے کوئی نہیں ہوتا!
صدیوں سے انسانی شعور نے اپنے مفروضے قائم کیے۔ آواگون، دوسرا جنم، لامائی فلسفہ، افلاطونی یا سقراطی نظریے۔۔۔۔ لیکن انسان وہ ہی پیاسے کا پیاسہ!
ایک جگہ ٹک کے نہیں بیٹھا! یکسانیت جیسا دشمن نہیں پایا اس نے۔
اور جب تھک گیا تب اپنی ہار مان کر اپنی فکرات کی پوٹھلی سات عرش اوپر گروی رکھ کر فقیر بن جاتا ہے۔ صرف اپنے سکون کی خاطر ۔ دوسروں سے محبت کرتا ہے وہ بھی صرف اپنے وجود کو مکمل کرنے کے لیے۔ لیکن چند ہی ہیں جو سمجھ گئے کہ ہم یہاں کے نہیں۔
ہم یہاں عمر قید کی طرح مہاجر ہیں۔
ہمارا اصل مکان کہیں اور ہے۔ جہاں سے صدائے جرس کی آواز ہمیں بلاتی ہے۔
جہاں ہمارے روح کے آباء و اجداد ہمیں بار بار کہتے ہیں کہ دیکھ ، یہ دھرتی تیرے میزبانوں کی ہے، اسے صاف رکھ، اسے پر امن بنا، اور ہماری لاج کا خیال رکھ۔ اپنے آباء و اجداد پہچان، کہ تو ایسا امن کا پیغمبر بنا کر بھیجا گیا، کہ تو اللہ کا خلیفہ بنا کر بھیجا گیا!
اور وہ یہ پیغام محبت کے ہاتھوں دیتے رہتے ہیں۔ کیا نہیں سنا آپ نے،
سن چرخے دی مٹھی مٹھی کوک، ماہیا مینوں یاد آؤندا!

ہمارے اندر کیوں ایک اجنبی قوت ہمیں کسی لامکانی کی طرف کھینچتی جاتی ہے جسے ہم صرف محسوس کرسکتے ہیں، جس کا صرف ہمارے روح کو پتہ ہو!
ہمیشہ کی طرح آپ کا یہ بلاگ بھی ایک گہری سوچ کی طرف لے جاتاھے آپ نے بلکل درست کہا ھے کہ
ہمارا اصل مکان کہیں اور ہے۔ جہاں سے صدائے جرس کی آواز ہمیں بلاتی ہے۔
جہاں ہمارے روح کے آباء و اجداد ہمیں بار بار کہتے ہیں کہ دیکھ ، یہ دھرتی تیرے میزبانوں کی ہے، اسے صاف رکھ، اسے پر امن بنا، اور ہماری لاج کا خیال رکھ۔ اپنے آباء و اجداد پہچان، کہ تو ایسا امن کا پیغمبر بنا کر بھیجا گیا، کہ تو اللہ کا خلیفہ بنا کر بھیجا گیا!
اور وہ یہ پیغام محبت کے ہاتھوں دیتے رہتے ہیں۔ کیا نہیں سنا آپ نے،
حرفٍ آخر:
یہ بلاگ میں نے لائقٍ احترام اپنی پیاری ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کے گذشتہ بلاگ بعنوان “زمینی ہجرت یا قلبی ہجرت” سے متاثر ہو کر لکھا ہے۔
میں ڈاکٹر جی کا بے پناہ احسانمند ہوں کہ جنہوں نے اس بلاگ کو لکھنے میں میری “روحانی مدد” فرمائی۔
دعاگو
فیاض امر
فیاض امر جی واہ بہت خوب بلاگ لگایا ھے
بہت اچھا لگا پڑھ کے ! ! ! اندد کی آواز سچ میں یہی ھے۔
آپ کے ھر بلاگ جیسا یہ بھی اتنا جامع ھے کہ تبصرے کے لیے کچھ بچہ ھی نہیں ۔
جزاک اللہ سدا سلامت رہیں اور خوب خوب لکھتے رہیں !
میں اتنی پاکیزہ محبتوں کے لیئے شکر گزاری کے ساتھ اشکبار بھی ھوں ۔۔ کہ یہ سعادت مجھے عطا ھوئی کہ میں آپ کے ساتھ روحانی ھم رکابی کر پائی ۔۔
چرخے کی کوک ۔۔۔۔۔۔۔ اسی ازلی لگن اور تڑپ کا استعارہ ھے جو اپنے پنکھ ھر اس جگہ پھیلا دیتی ھیں جہاں اسے چاھے سمندر کا ایک قطرہ بھی اپنے جز سے بچھڑا ھوا مل جائے ۔۔۔ پھر وہی بسیرا ۔۔ٹھکانہ کر لیتی ھے ۔۔ شائد یہ انسانی زندگی کا اپنی روح سے وہی نقطہ وصال ھےجہاں وہ آوازوں کی پہچان کرتا ھے ۔۔ ایک نئے جہاں کا دروازیں کھولتا ھے ۔۔ اس کا اندر کا قطب ایک نئی سمت کی طرف پرواز میں راہنمائی کرتا ھے ۔۔۔ پھر اپنے کل سے بچھڑی کرلاتی روح اپنی منزل کی طرف سفر شروع کر دیتی ھے ، جہاں ویران جگہیں آباد لگتی ھیں ۔۔ زہر امرت بن جاتا ھے ۔۔گلہ ،گلہ نہیں رھتا ۔۔۔ بس جو جتنا اپنا حصہ چھوڑتا جاتا ھے وہ اتنا ھی پاتا جاتا ھے ۔۔ اور یوں عشق لاحاصل اپنی ساری منزلیں طے کرتا ھوا اپنے اصل مالک ۔۔اور اپنے آباؤ اجداد کی طرف لوٹ جاتا ھے ۔۔۔ چرخے کی کوک میں ھجر کی وہ آہٹ ھے جو ہر کسی کو نہیں سانئی دیتی جی ۔۔۔۔۔۔!
نگہت جی ھم نے تو سن لی وہ چرخے کی کوک 🙂
مبارکباد لو ثنا ۔۔ اللہ پاک یونہی اپنے فضل کے سائے میں رکھے ۔۔آمین
فیاض بھائی میں نے آپ کا مضمون پڑہا ، اس میں انسان کے سونے پن ، اکیلائی اور اس دنیا کی بات ہے جو کسی نے آج تک نہیں دیکھی ، بندے سوچتے رہتے ہیں کہ وہ کہاں سے آئے ہیں اور کہاں جائیں گے ارسطو نے بھی یہی سوچا ، سقراط نے بھی اور ان فقیروں نے بھی ، ہر بندے نے الگ الگ زندگی اور ماورائی زندگی پر سوچا ، یہ سوچ کا سفر اور حق کی تلاش کی جستجو جاری ہے اور جب تک کائنات ہے ، انسان مختلف سمتوں میں سوچے گا۔
مگر انسان پھر بھی پیاسا رہتا ہے ، مگر کچھ لوگ اس پیاس کو بجھانے کے لیے ایک کٹیا میں پناہ لیتے ہیں اور وہیں سے دنیا کو دیکھنا شروع کرتے ہیں اور دوسروں کہتے ہیں جہاں سے وہ دیکھ رہیں ہیں دوسرے انسان بھی وہاں سے دیکھیں ، اسی سلسلے سے school of thoughts بنتے ہیں اور دنیا میں خیال کا گلدستہ بننے اور سنورنے لگتا ہے ۔ اور ہر انسان کا حق ہے کہ وہ خود حق کی تلاش کرے۔
مگر دنیا جو دسترخوان بناکے کھانا کھاتے ہیں انکے پاس اناج اور پیسا ہوتا ہے ، جو ڈائنگ ٹیبل پہ کھاتے ہیں انکے پاس بھی یہ دونوں چیزیں میسر ہوتی ہیں، مگر پرابلم تو اس انسان کا ہے جو بھوکا اور ننگا ہے ، جو تعلیم یافتہ نہیں ، جس کی صحت خراب ہے وہ کیا جانیں کہ روحیں کہاں جاتی ہیں ، اور انسان سونے پن اور اکیلائی کا شکار کیوں ہوتا ہے ، انکو تو بتایا گیا ہے کہ ایساہے یا ایسانہیں۔
فیاض بھائی انسان کو معاشی مسائل نے پاگل کر دیاہے اور ان لوگوں نے بھی انسان کو پاگل کرنے میں بہت کام کیا ہے ، جو ذہیں ہیں ، جن لوگوں نے اپنی کٹیا بناکے بندوں کو سچ اور جھوٹ کے اسباق بتایا کرتے ہیں ۔
مگر سندھی میں لطیف سائیں نے جب کہا تھا
“کاش میں ذہیں نہ بنوں ، ایسے بندے دکھ دیکھتے ہیں”
یہ وہ جہان ہے جہاں جو انسان انسان کا دکھ دیکھ نہیں سکتا اور اگر ایسے ذہین بندے کے پاس وسائل نا ہوں تو تڑپ اٹھتا ہے اور روتاہے ، پریشان ہوتا ہے ، اور سونے پن اوراکیلائی کا شکار ہوتا ہے ۔