السلام علیکم
حضرت علامہ اقبال کی ایک مختصر نظم نقل کر رہی ہوں
شاعر
قوم گویا جسم ہے افراد ہیں اعضائے قوم
منزلِ صنعت کے رہ پیما ہیں دست و پائے قوم
محفلِ نظمِ حکومت چہرہء زیبائے قوم
شاعرِ رنگیں نوا ہے دیدہ ء بینائے قوم
مبتلائے درد کوئی عضو ہو روتی ہے آنکھ
کس قدر ہمدرد سارے جسم کی ہوتی ہے آنکھ
حضرتِ اقبال کی ہی ایک اور نظم بعنوانِ شاعر سے اقتباس
شاعرِ دلنواز بھی بات اگر کہے کھری
ہوتی ہے اس کے فیض سے مزرعِِِ زندگی ہری
شانِ خلیل ہوتی ہے اس کے کلام سے عیاں
کرتی ہے اس کی قوم جب اپنا شعار آزری
اہلِ زمیں کو نسخہ ء زندگیِ دوام دے
خونِ جگر سے تربیت پاتی ہے جو سخن وری
گلشنِ دہر میں اگر جوئے مئے سخن نہ ہو
پھول نہ ہو کلی نہ ہو سبزہ نہ ہو چمن نہ ہو
کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ شاعری ایک بے کار کا مشغلہ ہے جس کا زندگی سے سے کچھ خاص تعلق نہیں
عالمی اخبار سے ملحقہ اس بلاگ کے میرِ محفل جناب ہمدانی صاحب بھی ایک اعلیٰ پائے کے شاعر ہیں
ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ بھی شعر کہتی ہیں
میرا ذاتی خیال ہے کہ شاعر کی حسیات عام انسان سے زیادہ تیز ہوتی ہیں۔ معاشرتی نا انصافیوں پر شاعروں کے حساس دل اور آنکھیں روتی ہیں اور قلم خاموش نہیں رہتا
اس بلاگ میں آپ سب اپنی بے لاگ رائے کا اظہار کریں
والسلام
زرقا

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ شاعری ایک بے کار کا مشغلہ ہے جس کا زندگی سے سے کچھ خاص تعلق نہیں”
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب میں ساحر کی غزل کا یہ شعر پیش کرتا ہوں :
کون جانے یہ ترا شاعر آشفتہ مزاج
کتنے مغرور خداوں کا رقیب آج بھی ہے
۔۔۔۔۔
اردو ، پنیجابی اور سندھی اور فارسی اور انگریزی میں جن قادر الکلام شعرا نے قوموں کی تقدیر بدلنے والی شاعری کی ہے اسکی تحقیر کرنا کہاں تک جائز ہے؟
اللہ ہی بہتر جانتا ہے ۔
فقط :
اچھی شاعری کا شیدائی
منظور قاضی از جرمنی
بہن زرقا مفتی صاحبہ اسلام علیکم
کیا اچھا بلاگ شروع کیا ” شاعرکی حسیات عام انسان سے زیادہ تیز ہوتی ہے” شاعروں کے حساس دل اور آنکھیں روتی ہیںاور قلم
خاموش نہیں رہتا” آپ نے تو ایسی بات کہہ دی کہ مجھے اس بلاگ میں شریک ہو نا لازم ہو گیا شاعری انسان کی نفسیات اور
فطرت پر نثر اور تقریر سے کہیں زیادہ اثر انداز ہوتی ہے کسی نے کیا اچھا شعر کہا ہے
وجد میں ہے بزم گیتی رقص میں ہے کائنات
شاعری کومانتے ہیںنعرہء مستانہ ہم
چلئے ابھی تو شروع ہوا ہے اس میں لکھنے کو بہت کچھ ہے میں تو غیراردی طور پر کچھ لکھنے بیٹھ گیا گو کہ قاضی صاحب والا بلاگ
بھی اچھا ہے لیکن آپ کے بلاگ نے لکھنے پر مجبور کیا ۔۔ایک شعر سن لیجئے کل سے زبان پر ہے
نشیمن چھوڑنا ممکن ہے لیکن یہ نہیں ممکن
خزاں کا دور دیکھوں اور یہ کہہ دوں بہار آئی
آپ کا لکھا ہوا ایک شعر بھی حقیقت سے کتنا قریب ہے
مبتلا ئے درد کوئی عضو ہو روتی ہے آنکھ
کس قدر ہمدرد سارے جسم کی ہوتی ہے آنکھ
شاعری دراصل ایک ایسے فن کا نام ہے جس میں عام انداذِ گفتگو سے ہٹ کر چند قواعد و ضوابظ کا پابند ہو کر کسی موضوع پر کچھ کہا جاتا ہے، لیکن صرف یہی نہیں، شاعری کے فن کی اصل خوبصورتی تخیل کی پرواز ہے، شاعر کی سوچ اس کا تصور اور خیال ہی وہ عنصر ہے جسے پانا شاید ہر ایک کے بس کی بات نہیں-
مثلاً کسی نے مصوری کا فن سیکھ لیا، وہ رنگوں کے بارے میں، اجسام کی صورت و ساخت کے بارے میں سب سیکھ چکا اور اس کی مشق بھی کرتا ہے، وہ بہت خوبصورتی سے کسی بھی شے کا عکس کاغذ پر منتقل کرنا جانتا ہے ۔ ۔ ۔ لیکن اپنے اس فن سے بناتا وہ واہیات اور بیہودہ تصاویر ہی ہے، تو ایسے موقع پر، ایسے شخص کو دیکھ کر جناب صفدر ہمدانی صاحب یقینا یہی فرمائیں گے کہ “ تصویریں بنانا اور ہے لیکن مصوری کسی الگ چیز کا نام ہے-“
یہ میں نے اسی لیے عرض کی کیوں کہ محترم ہمدانی صاحب شاعری کے فن کی خوبصورتی سمجھانے کے لیے فرما تے ہیں“ شعر کہنا اور ہے اور شاعری کچھ اور ہے-“
میں اب ایک سنجیدہ تر نکتہ بیان کرنا چاہوں گا
قران مجید میں بھی (جو اللہ تبارک و تعالیٰ کا پاک اور لاریب کلام ہے) ہمیں قافیہ، ردیف اور شاعری کے دیگر قواعد کثرت سے نظر آتے ہیں، ہم اسے شاعری نہیں کہتے (کفار اس پاک کتاب کو طنزیہ انداز میں شاعری کہتے تھے، کیوں کہ ان کے خیال میں یہ خدا کا نہیں بلکہ محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کا ذاتی کلام تھا ) لیکن یہ حقیقت اپنی جگہ اٹل ہے کہ اندازِ بیان یہاں بھی قواعد کے مطابق ہی ہے-
اور مثلا َ امام علی علیہ السلام کے بھی کلام کا ایک بہت بڑا حصہ انہی اصول، قواعد و ضوابط کے تحت ملتا ہے-
یعنی یہ اندازِ بیان، یہ فن ایسا ہے جو نہ صرف سیرتِ ہادیان منجانب اللہ ہے بلکہ طرزِ قران ہونے کی بنا پر اس کا تاکیدی ہونا ممکن ہے-
افسوس کہ میں اس خوبصورت فن سے نابلد ہوں وگرنہ اس مقام پر کم از کم ایک شعر ضرور آپ سب کی خدمت میں پیش کرتا –
محتاجِ دُعا
برادرم مناف۔کیا کہنا۔ بہت خوبصورت استدلال ہے۔آپ نے شعر تو نہیں لکھا لیکن شاعری ضرور کی ہے۔ انشااللہ جلد ہی آپ شعر بھی لکھیں گے اور یہ بھی طے ہے کہ آپکا پہلا شعر نعت رسول برحق کا ہو گا یا پھر اہلبیت پر سلام کا۔ جو آج کہہ دیا ہم نے سو کہہ دیا۔اب شعر آپ لکھیں گے انشااللہ ضرور۔
زرقا صاحبہ کا موضوع نہایت اہم ہے اور میں اس موضوع پر جلد ہی تفصیل سے لکھوں گا۔
شا عر ی رو حِ انسانی کا اس کائنات سے متّر نم مکالمہ ہے۔ یہ کسی اور کا نہیں میرا خیال ہے لہذا اختلاف کی سو فیصد گنجا ئش موجو د ہے۔
السلام علیکم
سب سے پہلے ایک استدعا ہے کہ اس بلاگ کا مقصد کسی شخصیت کو نشانہ بنانا نہیں
صرف اپنا مطمع نظر بیان کرنا ہے کہ شاعری کیا ہے اور شاعر کیا دیکھتا اور محسوس کرتا ہے
اس لیے سب سے درخواست ہے کہ صرف اور صرف شاعری کے بارے میں اپنی رائے پیش کیجیے
والسلام
زرقا
السلام علیکم
قاضی صاحب نے لکھا ہے
اردو ، پنیجابی اور سندھی اور فارسی اور انگریزی میں جن قادر الکلام شعرا نے قوموں کی تقدیر بدلنے والی شاعری کی ہے
جی ہاں شاعری صرف گل و بلبل تک محدود نہیں
اس کا کینوس کائناتی ہے اور موضوعات لامحدود
والسلام
زرقا
السلام علیکم
امین ترمذی صاحب نے لکھا ہے
شاعری انسان کی نفسیات اورفطرت پر نثر اور تقریر سے کہیں زیادہ اثر انداز ہوتی ہے کسی نے کیا اچھا شعر کہا ہے
وجد میں ہے بزم گیتی رقص میں ہے کائنات
شاعری کومانتے ہیںنعرہء مستانہ ہم
بجا ارشاد فرمایا زمانہ جنگ میں جذبہ حریت کو اُبھارنے کے لیے شاعروں سے ہی ترانے لکھوائے جاتے ہیں
شاعر جنگ نہیں لڑتے لیکن جنگ لڑنے والے سپاہیوں کے دل سے موت کا خوف مٹادیتے ہیں جیت کی امنگ پیدا کرتے ہیں قوم میں جوش اور ولولہ پیدا کرتے ہیں
والسلام
زرقا
السلام علیکم
عبد المناف صاحب
آپ نے بہت اچھا تبصرہ کیا ہے
آپ کی تحریر میں ایک اچھے سخنور کی جھلک نظر آتی ہے
حضرتِ اقبال نے فرمایا ہے
شاہیں کا جہاں اور ہے کرگس کا جہاں اور
پانچوں انگلیاں ایک سی نہیں ہوتیں
ہر قاری کا اپنا مزاج ہوتا ہے وہ تحریر کو اپنے ذوق یا اپنے ظرف کے آئینے میں دیکھتا اور پرکھتا ہے۔ کسی بھی تخلیق پر مثبت تنقید ہر قاری کا حق ہے۔لیکن کسی فن کو بحیثیت مجموعی نشانہ بنانا خلافِ ادب ہے۔
والسلام
زرقا
محترم ہمدانی صاحب
السلام علیکم
ہم سب کو آپ کی گراں قدر رائے کا انتظار رہے گا
والسلام
زرقا
السلام علیکم
تلمیذ فاطمہ صاحبہ
آپ نے لکھا ہے
شا عر ی رو حِ انسانی کا اس کائنات سے متّر نم مکالمہ ہے۔
بہت خوبصورت تبصرہ ہے۔
ہم سب چاہیں گے کہ آپ کی نگارشات عالمی اخبار کے ادبی سیکشن کی زینت بنیں
والسلام
زرقا
میں کل اپنی جاب کی وجہ سے گھر نہ آ سکی تھی اور نہ ھی اخبار پر کچھ لکھ سکی سکی ۔ ابھی ابھی پہنچی ھوں اور آتے ھی زرقا کا بلاگ پڑھا اور اپنے قابل احترام ساتھیوں کے تبصرہ جات بھی ۔۔ میری کوتاھی کہ بروقت تبصرہ نہ لکھ سکی ۔۔
میں چند باتوں کی طرف آپ سب کی توجہ دلانا چاھتی ھوں ۔۔ پہلی بات تو یہ کہ ھمارے کسی ساتھی نے یہ کبھی نہیں کہا کہ ” شاعری ایک بے کار کا مشغلہ ہے جس کا زندگی سے سے کچھ خاص تعلق نہیں ” ۔۔ اگر کسی ساتھی کی بات کو ایسا سمجھا گیا ھے تو یہ ھو سکتا ھے کہ کسی بات کہ Context میں ھو یا یہ انتہائی Subjective Opnion ھے ۔
اگر آپ کو اپنی ساتھی کی توجہ اس کی غلط سوچ کی طرف دلوانی ھی تھی تو سب سے اچھاطریقہ یہ ھوتا کہ اس کا نام لکھا جاتا اور اس سے سب سے پہلے دعوت دی جاتی کہ آپ ایسا کیوں سوچتے ھیں ھم سب سے شیئر کریں ۔۔
پھر منظور بھائی نے اس بات کو “ فیاض امر“ کے اس جملے سے جوڑ دیا کہ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ زندگی صرف شاعری ھی نہیں اور صرف ادب بھی نہیں کہ چند سخنور آیئں اور تبصرہ کر کے چلےجایئں اور واہ واہ ھو ” ( یہ تبصرہ اب حزف کر دیا گیا ھے منظور بھائی کے کہنے پر) ۔۔ بہت اچھا ھوا کیونکہ میں فیاض امر کی بات کو سو فیصد صیح سمجھتی ھوں کہ کہ زندگی صرف شعرو ادب نہیں ھے ۔۔ یہ تو زندگی میں ھونے والے واقعات کی تمہید اور لمحات کے اظہار کا طریقہ ھے ۔۔ اصل زندگی تو کچھ اور ھے ۔۔
میں خود شعر کہتی ھوں ۔۔ کہانیاں افسانے لکھتی ھوں لیکن زندگی کے کئی پہلو مجھ سے اب تک اوجھل ھیں اور میں ھربار زندگی کو ایک نئ حقیقت کے ساتھ پاتی ھوں ۔۔ اپنے کسی ساتھی کی رائے کو صرف اس لیئے بے وقعت کرنا کہ کہ آپ کو وہ شخصی طور پر پسند نہیں ۔۔ یاوہ ایک منفرد سوچ رکھتا ھے ۔۔تو یہ زیادتی ھے ۔۔ کسی کی بھی دلشکنی کوئی اچھی بات نہیں ھے ۔۔ ۔۔
میں نے ھزار بار کہا ھے کہ کچھ بھی لکھنے سے پہلے ھزار بار سوچیں کہ ایسا لکھنے سے ۔۔ ایسا کہنے سے کسی دوست کی حق تلفی یا دلشکنی تو نہیں ھو رھی ۔۔ اور دوستو رائے تورائے ھے کوئی حدیث یاآیت نہیں جوغلط نہیں ھو سکتی یابدل نہیں سکتی ۔۔ اور یہ بھی ضروری نہیں کہ ھر شخص صاحب الرائے بھی ھو ۔۔
اسی وقت مجھے آپ سب سے کچھ اور نہیں کہنا کہ آپ سب مجھ سے زیادہ بردبار اور سمجھدار ھیں ۔۔ شاعری زندگی میں کتنی ضروری ھے وہ آپ سب بھی جانتے ھیں ۔۔ مجھے انشاللہ مزید کچھ کہنا ھو گا تو ضرور کہونگی ۔۔
نگہت جی
السلام علیکم
میں اپنا مطمع نظر اوپر بھی واضح کر چکی ہوں کہ اس بلاگ کا مقصد کسی شخصیت کو نشانہ بنانا نہیں ۔
بلکہ ایک رویے کی اصلاح کرنا ہے
امید ہے اس بلاگ کے بعد اس رویے میں مثبت تبدیلی آئے گی
میرے خیال میں
subjective or objective opinion
ایک سا ہی اثر کرتے ہیں
کیونکہ شاعر عام انسانوں سے زیادہ حساس ہوتے ہیں
آپ نے بجا فرمایا کہ رائے تو رائے ہے قرآن یا حدیث تو نہیں
انٹرنیٹ کی محفلوں میں قاری کا ردعمل فورا سامنے آتا ہے اس لیے یہاں اپنی نگارشات پیش کرنے والوں کو اختلافِ رائے برداشت کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے
معاف کیجیے گا
شاعری زندگی میں اُتنی ہی ضروری ہے جتنے تمام لطیف جذبات
ادب اور زندگی لازم و ملزوم ہیں
انہیں الگ الگ خانوں میں تقسیم نہیں کیا جا سکتا
ادب ہی زندگی کی سچی تصویر کشی کرتا ہے زندگی اگر جسم ہے تو ادب اس کا عکس ہے
ادب زندگی سے ماورا کوئی شے نہیں ہے
والسلام
زرقا
شاعرِ رنگیں نوا ہے دیدہ ء بینائے قوم
بلاگر خواتین وحضرات۔ بات شاعر مشرق کے اشعار سے چلی تھی اور مشرقی روایتی کم فہمی اور کج فہمی کی نذر ہوتی جا رہی ہے لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ ایسا ہو گا نہیں۔
مجھے دست بستہ ایک بات کہنے دیجئے اور ہو سکتا ہے کہ میں اپنی عادت کے مطابق اس صاف گوئی پر بہت سے حلقوں کی طرف سے مطعون ٹھہرایا جاؤں مگر یہ میرے لیئے کوئی نئی بات نہیں ہو گی۔
بات کہنے کی یہ ہے کہ عام شاعر۔ادیب،نقاد،وقائع نگار یا پھر کسی بھی شعبے کے قلم کار نہ جانے زندگی بھر وسعت قلبی کا درس لکھنے اور دینے کے باوجود اکثر اوقات بہت تنگ دل ہو جاتے ہیں۔اپنے قلم سے آسانیاں تقسیم کرنے کی دعا دیتے دیتے خود اپنے کو بھی مشکلات میں ڈال لیتے ہیں اور دوسرے کو بھی۔ ہم خدشات اور شبہات کی چادر کو اوڑھ کر بھی خود کو صاف گو اور صاحب بصیرت سمجھتے ہیں۔ میری ان باتوں کا اطلاق شاید پہلے خود مجھ پر ہوتا ہے اور بعد میں کسی اور پر۔
میں اس بات کا عشروں سے داعی ہوں اور ایک سے زائد بار لکھ بھی چکا ہوں اور کہہ بھی چکا ہوں کہ ” ہم میں سے ہر ایک کو کسی بھی موضوع پر اخلاقی حدود و قیود میں رہتے ہوئے جس طرح اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے اسی طرح یہ حق دوسرے کو بھی دینا ہو گا۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ جو بات میں کہوں آپ سب اس سے اتفاق کریں۔ہاں آپ اختلاف کریں لیکن مجھے اپنی رائے ماننے پر مجبور نہ کریں اور یہ رویہ بہر دو جانب روا رکھنا ہی دراصل فکری مباحث کو آگے بڑھانے کا موجب بنتا ہے۔
ہم سب لوگ بنیادی طور پر طالب علم ہیں اور اپنے اپنے شعبے کے طالب علم ہیں۔ہاں یہ ضرور ہے کہ کچھ طالب علم پہلی صف کے اور ذہین ہیں اور کچھ میری طرح کے پچھلی قطار میں بیٹھنے والے اور ہر لمحے سیکھنے والے۔ میں نے پہلے بھی کہیں لکھا تھا کہ ہم اجتماعی معاشرتی طور پر لگ بھگ ہر بات کو شدید ترین لفظ یا فقرے سے شروع کرتے ہیں۔جیسے کہ ”میری توہین ہو گئی ہے” میرے دوستو توہین تو اختتام ہے اسکے آگے تو کچھ بھی نہیں۔ میں نہیں سمجھتا کہ کم ازکم عالمی بلاگ کے اس خاندان میں کوئی بھی کسی کی توہین کرتا ہے۔ہاں ہم ناراض ہوتے ہیں،سخت سست کہتے ہیں،اختلاف کرتے ہیں اور کسی کسی وقت کسی رخ سے بدتمیزی بھی ہو سکتی ہے لیکن ہم شاید کسی کی بھی توہین نہیں کرتے لیکن عجب حال ہے کہ کہتے یہی ہیں کہ توہین ہو گئی یا کر دی گئی۔
وسعت نظری اور وسعت قلبی ہیں تو پیغمبرانہ صفات لیکن عام انسان کو بھی انکے حصول اور عمل پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
شاعری کیا ہے؟ شاعر کیا ہے؟ یہ سوالات تو ارسطو بھی نہیں سلجھا پایا۔ہم بھلا ایک بلاگ میں اس پر کیا حتمی رائے قائم کر سکتے ہیں۔ بات دراصل یہ ہے کہ ہم لوگ بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر کرنے کے عادی ہو چکے ہیں۔ہم تو قرآن کی آیت کو بھی آگے پیچھے سے چھوڑ کر درمیان میں سے اپنی مرضی کے مطابق بات نکال لیتے ہیں۔ یہ تو عام زندگی میں نہیں ہوتا کہ ہم کسی سے 100 فیصد اتفاق کریں جبکہ فکری اور تخلیقی دنیا میں تو ایسا ہو ہی نہیں سکتا۔ ہم سب نبی آخر الزمان کی یہ حدیث بار بار دوہراتے ہیں کہ ”جو اپنے لیے پسند کرؤ وہی اپنے دوست یا دوسرے کے لیئے پسند کرؤ” لیکن ذرا دل پر ہاتھ رکھ کر سوچیں کیا ہم سب ایسا کرتے ہیں اور اگر کرتے ہیں تو کس حد تک۔ہم سب لوگ جو یہاں لکھتے ہیں اول تو الحمد اللہ بالغ ہیں،صاحبان فکر وشعور ہیں، قلم کی حرمت اور الفاظ کی طاقت سے اشنا ہیں،ایک دوسرے کے احترام کے اصول سے بھی واقف ہیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ تکنیکی طور پر یہ بھی جانتے ہیں کہ یہ
www پر شائع ہوئی چیز ساری دنیا میں نہ جانے کہاں کہاں پڑھی جاتی ہے اور کیا خبر کہ کون ہمارے بارے میں کیا رائے بنا رہا ہو۔
اگر آپ دوست مجھ سے اتفاق کریں تو ایک فارمولا جو میں نے اپنایا ہے اگر آپ بھی چاہیں تو اسکو استعمال کر کے دیکھیں کہ اگر آپ کو کسی سے کسی بات پر بہت شدید اختلاف ہے اور اس سے فساد کا خطرہ ہے یا مزید غلط فہمیوں کا احتمال ہے تو اسکا جواب نہ دیں۔ میں خود اقرار کرتا ہوں کہ کتنے ہی موضوعات ہیں جن پر میں نہیں لکھتا اور اسکی وجہ عام نہیں بلکہ شدید فکری اور بنیادی اختلاف ہے۔مثال کے طور پر میں ذاتی طور پر اس بات کا حامی نہیں کہ ہر بات اور ہر موضوع میں دین اور مذہب کو زبردستی شامل کیا جائے۔پھر یہ کہ بات اپنے مخاطب کو دیکھ کر کی جاتی ہے۔ اکثر یہ بھی ہوتا ہے کہ ہم بہت اچھی بات غلط وقت اور غلط مقام پر کر رہے ہوتے ہیں جس سے ایک نئی اور متنازعہ صورت حال جنم لیتی ہے۔پھر ایک اور مسلہ بھی انسانی جبلت ہےکہ بہت کم لوگ دوسرے کی علمیت اور حقانیت کو بقلب صمیم تسلیم کرتے ہیں۔ میری درخواست یہ ہے کہ ہم اگر موضوع کے دائرے میں رہیں گے تو بھٹکیں گے بھی نہیں۔ احترام اور عزت تو یک طرفہ ہوتی ہی نہیں۔یہ تو ہر حال میں دو طرفہ ٹریفک ہے۔ہم میں سے کچھ لوگ صاحبان طریقت بھی ہیں اور ظاہر ہے انکا انداز تحریر دوسروں سے قطعی طور پر الگ ہو گا اور یہ چونکہ ایک خاندان ہے تو اس میں باپ ، بھائی،بہن، دادا، بیٹے اور تمام رشتوں کا خیال بھی رکھنا ہو گا اور الحمد اللہ بہت حد تک ہم رکھتے بھی ہیں۔
بس میری گزارش یہ ہےکہ خدشہ یا شبہ دراصل شیطانی وصف ہے جو پل بھر میں تناور درخت بن کر عقل و فہم کے گرد حصار کر لیتا ہے اور اچھی فکری گفتگو کا رخ ذاتیات کی جانب مڑ جاتا ہے جس سے منفی اثرات ہی جنم لیتے ہیں۔
اس ساری تحریر میں یہ لکھ ہی نہیں پایا کہ شاعری کیا ہے اور شاعر کیا ہے؟ وعدہ رہا کہ جلد لکھوں گا۔ اب ہم سب موضوع پر ہی بات کریں گے کوئی جواب آں غزل نہیں ہو گا۔اور اگر جواب آں غزل کی ضرورت پڑے بھی تو ذاتی ای میل پر گفتگو کریں گے۔
سلام”علیکم
بہن زرقا مفتی صاحبہ اور برادرِ بزرگ ہمدانی صاحب !
ہمت افزائی کا بہت بہت شکریہ-
ہمدانی صاحب آپ نے تو جو کہنا تھا سو کہہ دیا، اور اب جو کرنا ہے وہ مجھے کرنا ہے، لیکن یاد رکھیے کہ آپ کی مصروفیات میں اب ایک نیا اضافہ بھی ہونے والا ہے، اصلاح دینے کے لیے تیار رہیے۔
مع السلام
آپ کا ایک نیا شاگرد
محترم ہمدانی صاحب
السلام علیکم
میری بھی یہی گزارش ہے کہ اختلافِ رائے سامنے آنے پر کسی کی ذات یا کسی کے فن کو نشانہ نہ بنایا جائے
میں نے قاضی صاحب کے غیر ضروری ریمارکس حذف کر دیے تھے
مگرنہ معلوم اُن حزف شدہ ریمارکس کا ذکر یہاں کیوں کیا گیا
انٹرنیٹ کی ان محفلوں میں شائع ہونے والے مواد کو ہمارے بچے بھی پڑھتے ہیں
نہ جانے کیوں اپنی تہذیبی اقدار سے قطع نظر سچ بیانی کی آڑ میں کچھ ایسی باتیں بھی بیان کی جا رہی ہیں جو ہم اپنے گھر میں بچوں کے سامنے نہیں کر سکتے
اس سے پہلے کہ بلاگ کا اصل مقصد فوت ہو جائے میری گزارش ہے کہ اسے شعرا اور شاعری تک ہی محدود رکھا جائے
والسلام
زرقا
زرقابہن اسلام علیکم و رحمہ
میں آج کل نیو یارک میں ہو ں۔کل سارے دن اپنے دونوں کالم لکھنے میں لگا رہا لہذا اس طرف نہیں آیا۔ابھی آیا تو آپ کا کالم دیکھا۔آپ نے اپنا کالم حکیم الامت علامہ اقبال(رح) کے کلام سے شروع کر کے ایک راہ دکھائی ہے۔علامہ صرف قومی شاعر ہی نہیں ہیں، بلکہ بین الاقوا می شاعر ان معنوں میں ہیں۔کہ جو چاہے انہیں اپنا کہہ سکتا ہےاور خصوصی طور پر مسلم امہ ۔ لہذا ہندوستان والے اگر اپنا کہتے ہیں تو ایران والے بھی انہیں اپنا ہی کہتے ہیں بلاگ پرسب نے اپنے اپنےطور پر بہت خوب تبصرے کیئے ہیں، صفدر بھائی نے بھی اور بہن نگہت نے بھی قاضی منظور صاحب نے بھی۔لہذامیرے لیئے کچھ کہنے کو بچا ہی نہیں ہے۔ چونکہ ہمیں ہر معاملے میں قرآن اور سنت سے ہی رجو ع کر نے کو کہاگیاہے وہیں سے کچھ پیش کرنا چاہوں گا۔
اللہ سبحانہ تعالیٰ نے سورہ الشعراء میں اس کی وضاحت فرمادی ہے۔ انہیں آیات میں شاعروں کی تعریف بھی ہے اور مذمت بھی۔ پھراس کی وضاحت کے لیئے حضور(ص)کا ارشادِ گرامی ہے کہ ” عہد جاہلیہ کے تمام شاعر امراؤ بن قیس کی قیادت میں جہنم کی طرف جا ئیں گے۔جبکہ حضرت حسان بن ثابت (رض) کا کلام حضور (ص) خود منبر پر اپنے سامنے بٹھا کر سماعت فر ماتے تھے۔اور کفار کا جواب دینے کے لیئے انہیں حکم بھی دیاکرتے تھے۔ لہذا قرآن ، حدیث اور سنت نے شاعری کامعیار امت کو عطا فرمادیا ہے۔جو شاعر اس معیار پر پورا اترے اس کی شاعری زمرہ احسان میں آتی ہےاور یہ ہی شاعری کاحسن ہے۔
۔
اقبال نے اپنے جوابی شکوہ میں کیا خوب کہا ہے:
کچھ جو سمجھا مرے شکوے کو تو رضواں سمجھا
مجھے جنت سے نکالا ہو ا انساں سمجھا !
۔۔۔۔
میں نے اوپر کے تمام تبصرے پڑھ لیے ۔ ان تمام تبصروں نے نہ صرف مجھےبلکہ سب ہی کو بہت کچھ عطا کیا ہے۔
میری ہی درخواست پر میرے حذف شدہ تبصروں پر بھی تبصرے ہوگئے حالانکہ میں نے معذرت کے ساتھ یہ کہا تھا کہ میرے ان تبصروں کی وجہ اور بنیاد میری غلط فہمی پر تھی کہ اس بلاگ کے الفاظ ” کچھ لوگوں ” کا روئے سخن کسی مخصوص شخصیت کے ارشادات تھے۔
کاش کہ ” کچھ لوگوں ” کی بجائے متعلقہ لوگوں کے نام ہی صاف صاف طور پر لکھدیے جاتے تو ایسی غلط فہمی پیدا نہ ہوتی ۔
بہر حال۔ میں اپنے ضمیر کا مشکور ہوں کہ اس نے مجھے بروقت میرے ہی تبصروں کو حذف کروانے پر اکسایا ۔
اسی لیے میں مصحفی کی غزل کی زمین میں جو شعر لکھا ہوں وہ یاد کرکے اللہ کا شکر گذار ہوں کہ :
غلط باتیں اگر سو چوں تو فورا ً ٹوک دیتی ہے
الہی شکریہ تیرا کہ دی ایسی زبا ں مجھ کو
۔۔
اب خدا کا شکر ہے کہ انتظامیہ کی تعمیری او ر بروقت حکمت عملی کے باعث بات رفع دفع ہوگئی ہے اس لیے میں اس موضوع پر اور کچھ نہیں کہونگا ۔
۔۔۔۔۔
میرے تمام کرم فرماوں کا شکریہ کہ انہوں نے اپنے مثبت تبصروں سے مجھے اور سب کو سرفراز کیا ۔
۔
بات شعر اور شاعری کی ہے تو اس موضوع پر اقبال ہی کے اشعار میں سے مندرجہ ذیل اشعار پیش کرتا ہوں :
خوش آگئی ہے جہاں کو قلندری میری
وگرنہ شعر مرا کیا ہے ، شاعری کیا ہے
۔۔۔
مری نوائے پریشاں کو شاعری نہ سمجھ
کہ میں ہوں محرمِ راز درونِ میخانہ
۔۔۔۔
عزیز تر ہے متاعِ امیر و سلطاں سے
وہ شعر جس میں بجلی کا سوز و براقی
۔۔۔۔
فلسفہ و شعر کی اور حقیقیت ہے کیا
حرف۔ تمنا جسے کہ نہ سکیں روبرو
۔۔۔
اقبال نے اپنے شعر سے مخاطب ہو کر یوں کہا :
ہے گلہ مجھ کو تری لذ تِ پیدائی کا
تو ہو ا فاش تو ہیں اب مرے اسرار بھی فاش
شعلہ سے ٹوٹ کر مثلِ شرر آوارہ نہ رہ
کر کسی سینہ ء پرسوز میں خلوت کی تلاش
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فقط :
اچھی شاعری کا دلدادہ
منظور قاضی از جرمنی
اوپر کے تبصرے میں وہ شعر جس میں ہو بجلی کا سوز و براقی پڑھیے شکریہ
محترم جیلانی بھائی
السلام علیکم
آپ کے گراں قدر تبصرے کے لیے ممنون ہوں
اللہ آپ کو جزائے خیر عطا کرے
والسلام
زرقا
اظہار نعمت خدا وندی ھے وہ چاھے زبان سے ھو یا قلم سے ۔۔ پر دونوں کے لیئے درد دل کی ضرورت ھوتی ھے ۔۔ کسی کا فن پارہ وہی ھے جس میں ھر ایک کو اپنی ھی تصویر نظر آئے اور اپنی ھی آواز سنائی دے ۔۔ مجھے شاعری اور ادب ایک ایسے شجر کی طرح لگتے ھیں جو زمین پر اپنی جڑیں مظبوط رکھتے ھیں اور اس کی شاخیں آسمانوں پر نئے پرانے الہام لکھتی ھیں ۔۔
لیکن یہ بھی سچ ھے کہ اکثر دو خیالوں کے درمیان کم سے کم فاصلہ “عدم اتفاق” ھوتا ھے ۔۔ سو سب بات ایک ھی کہتے ھیں لیکن اپنے رنگ اور اپنے دھیان میں ۔۔ یہی خیالوں کا عدم اتفاق زندگی کا حسن سمجھانے میں مددگار ھوتا ھیں ۔
زرقا بہن بہت بہت۔ شکریہ ان دعائیہ الفاظ کا اللہ سبحانہ تعالیٰ آپکو بھی جزا دے (آمین)
23تبصروں جن میں جناب بابا صفدر ہمدانی ،باجی بگہت نسیم ،جناب منظور قاضی،عبدالمناف،امین ترمزی،شمس جیلانی زرقا مفتی،تلمیذ فاطمہ برنی، وغیرہ کے انتے گراں قدر خیالات کے بعد کچھ لکھنے کی جسارت کیلئے بہت ہمت جٹانی پڑی، اور اپنی بات کہنے کیلئے جانب سید شبیہ الحسن رضوی کی تحریر کا سہارا لینا پڑا ،جناب شبیہ الحسن لکھتے ہیں ”ظاہری و مادی لحاظ سے ترقی و کمال کے صد ہا زینے طے کرلینے کے بعد انسان کے بنیادی مسائل نہوز حل طلب ہیں،بالکل اسی طرح علوم و فنون کے مختلف شعبوں میں تجربہ و تجزیہ کی نت نئی صورتوں کے باوجود ذہن انسانی کیلئے اساسی نوعیت کے سوال تا حال تشنہ جواب ہیں،اس تعمیم میں شاعری بھی کسی تخصیص یا استثنا ء کی حامل نہیں،اگر یہ دعویٰ آن کی اول شعر گفت آدم صفی اللہ بود،شاعرانہ مبالغہ قرار دیا جائے جب بھی یہ حقیقت معلوم و مسلم ہے کہ جذبات و احساسات کے اظہار کا قدیم ترین و عظیم ترین وسیلہ ”شعر” ہے”
حقیقت یہ ہے کہ روز اول سے عصر حاضر تک شاعری نے موضوعات و اسالیت کے نئے نئے زاویے اختیار کئے ہیں،مختلف زمانوں اور مختلف زبانوں میں تیکنیک کے تجربوں ،ہیت کی تبدیلیوں ،موضوعات کے تنو اور دیگر تغیرات کی طویل تاریخ ہمارے سامنے ہے تاہم بنیادی سوال آج بھی اپنی جگہ قائم ہے کہ شاعری کیا ہے اور شاعری کا سرچشمہ کہاں ہے؟
یہاں سوال یہ ہے کہ داخل کی دنیا میں ذات کی زمین کے اندر دکھ کا بیج پھوٹنے سے شعر کا شجر ہرا ہوتا ہے یاخارج کی کائنات میں نظر و منظر کے چقماقی ملاپ سے وہ چنگاری نکلتی ہے جو شاعری کہلاتی ہے،دردو غم جمع کرنے کی اذیت و مشقت سے گزرنے کے بعد دیوان ہوتا ہے یا غیب سے یہ مضامین خیال میں آتے ہیں حقیقت خواہ کچھ بھی ہو لیکن درست یہی ہے کہ لاشعور کی تہہ میں بکھرے ہوئے تجربے اور مشاہدے کی صورت حرف حرف اور نقطہ نقطہ شعور کی پلکوں سے حواس کے آئینہ جو چیز اترتی ہے وہ شعر کہلاتی ہے،
بہن زرقا مفتی صاحبہ اسلام علیکم
آپ نے میری بات کو سراہا بے حد شکریہ کل میں کچھ زیادہ لکھنے کے موڈ میں نہیں تھا لیکن ایک بات جو
میں لکھنا چاہتا تھا آپ نے لکھدی مجھے یوں لگا جیسے آپ نے میرے دل کی بات پڑھ لی او ر وہ جملہ تھا کہ
زمانہء جنگ میں جذبہء حریت کو ابھارنے کے لئے شاعروں سے ہی ترانے لکھوائے جاتے ہیں شاعر جنگ نہیں
لڑتے لیکن جنگ لڑنے والے سپاہیوں کے دل سے موت کا خوف مٹاتے ہیں جیت کی امنگ پیدا کرتے ہیں قوم
میں جوش و ولولہ پیدا کرتے ہیں آپ کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے لکھوں گا کہ آزادئی ہند کی تحریک میں
انگریزوں نے بھی دہلی میں جنگ پبلسٹی کا ایک محکمہ قائم کیا جس کا مقصدایسے عوامی گیت ترتیب
دینا اور قصبات اور گلی کوچوں میں پھیلانا تھا جن سے جنگی جوش میں اضافہ ہو ایسی فضا تیار کرنا
کہ لوگ فوج میں بھرتی ہوں اور حکومت کی مد کریں اس محکمے کے ڈائریکٹر حفیظ جالندھری تھے
لکلھنے کا مقصد اس بات کی اہمیت و افادیت کا ذکر کرنا ہے کہ ہر قوم کو اس بات کا اعتراف ہے کہ شاعری
سحر انگیز صلاحیت کی حامل ہے
امین ترمذی صاحب کا تبصرہ معلومات افزا ضرور ہے مگر انکا یہ کہنا کہ انگریزوں نے ” آزادی ہند کی تحریک چلانے کے لیے ” دہلی میں جنگ پلسٹی کا ایک محکمہ قائم کیا تھا جس کا مقصد ایسے عوامی گیت ترتیب دینا اور قصبات اور گلی کوچوں میں پھیلاتا تھا جس سے جنگی جوش میں اضافہ ہو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔” کچھ عجیب سا معلوم ہوتا ہے :
کیا یہ محکمہ انگریزوں نے ” آزاد ی ہند کی تحریک ” کو چلانے کے لیے اور اس کے لیے ہندوستان سے نوجوان فوجیوں کو بھرتی کرنے کی مہم چلائی تھی یا ان فوجیوں کو اتحادی قوتوں کے ساتھ شامل کرکے دوسری جنگ عظیم میں ہٹلر اور مسولینی اور جاپا ن کی محوری قوتوں کو شکست دینے کے لیے ، چلائی تھی۔ ؟
امین ترمذی کا پورا جملہ یوں ہے :
” آزادئی ہند کی تحریک میں انگریزوں نے بھی دہلی میں جنگ پبلسٹی کا ایک محکمہ قائم کیا جس کا مقصدایسے عوامی گیت ترتیب
دینا اور قصبات اور گلی کوچوں میں پھیلانا تھا جن سے جنگی جوش میں اضافہ ہو ایسی فضا تیار کرنا کہ لوگ فوج میں بھرتی ہوں اور حکومت کی مد کریں اس محکمے کے ڈائریکٹر حفیظ جالندھری تھے”
۔۔۔۔۔
میرا مقصد خد ا نخواستہ امین ترمذی صاحب کے تبصرے کی تنقید نہیں بلکہ اپنا خیال ظاہر کرنا ہے کہ قابض قوت ( انگریز وں ) کو آزادی ء ہند کی تحریک کو چلانے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی اس لیے کہ وہ تو ہندوستان پر دو سو سال سے زیادہ مدت تک حکومت کررہے تھے ۔ اگر وہ آزادیء ہند کے خواہاں تھے تو 1857 کے انقلاب کے بعد ہی اسکو آزاد کردیتے ۔
۔۔۔۔
دوسری جنگ عظیم میرے زندگی کے ابتدائی حصہ میں ہوئی تھی اور مجھے بھی ہندوستان ( انگریزوں ) کی فوج میں بھرتی کا پیغام آیا تھا تاکہ میں بھی انگریزوں کی فوجوں کے ساتھ مل کر برما یا یورپ کے محاذوں پر لڑوں مگر ان دنوں میری پڑھائی جاری تھی اس لیے میں اس میں شامل نہیں ہوا ۔
۔۔۔۔۔
ا ن دنوں جوش اوراس کے ساتھی جوشیلے شعرا ہندوستان کو انگریزوں کی غلامی سے آزاد کروانے کے لیے نہایت ہی جوشیلی شاعری کررہے تھے ۔
(ان دنوں حفیظ جالندھری تو شاید شاہنامہ اسلا م لکھرہے تھے اور بعد میں انہوں نے پاکستان کا قومی ترانہ لکھا )
۔۔۔۔۔۔۔۔
امین ترمذی صاحب سے گذارش ہے کہ وہ اپنے مندرجہ بالا جملے پر غور کریں اور اگر میں غلط ہوں تو میرے تبصرے کی تصحیح کردیں ۔
شکریہ ۔
فقط:
منظور قاضی از جرمنی
السلام علیکم
مولانا حالی فرماتے ہیں
اہلِ معنی کو لازم ہے سخن آرائی بھی
بزم میں اہلِ نظر بھی ہیں تماشائی بھی
نگہت جی
معلوم ہوتا ہے ابھی آپ خود تذبزب کا شکار ہیں
آپ نے لکھا
کسی کا فن پارہ وہی ھے جس میں ھر ایک کو اپنی ھی تصویر نظر آئے اور اپنی ھی آواز سنائی دے
کوئی شاعر جب فلسطین یا کشمیر پر لکھتا ہے تو اس میں اسے اپنی تصویر نظر نہیں آتی
ظالم کا ظلم اور مظلوم کی مظلومیت نظر آتی ہے
کسی افغان بچے پر زہرہ نگاہ صاحبہ کی نظم گل بادشاہ ایک ادبی فن پارہ ہے
جس میں پوری افغان قوم کا المیہ بیان ہو گیا ہے
شاعر دو طرح کی قلبی وارداتوں کے تحت شعر کہتا ہے
ایک قلبی واردات ذاتی نوعیت کی ہوتی ہے
اور دوسری کا تعلق اُس کے مشاہدے سے ہے
دونوں صورتوں میں قاری کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ شاعر نے اُس کے جذبات کی ترجمانی کی ہے
والسلام
زرقا
السلام علیکم
جناب ترازی صاحب
آپ کے گراں قدر تبصرے کے لیے ممنوں ہوں
میرا خیال ہے کہ کچھ خوش نصیب شاعر ایسے ہیں جنہیں ہم الہامی شاعر کہہ سکتے ہیں
علامہ اقبال حافظ سعدی شیرازی مولانا رومی خلیل جبران عمر خیام ایسے ہی خوش نصیب سخنوران میں شامل ہیں
کچھ شاعر صرف غیب سے آمد ہونے پر ہی لکھتے ہیں
جب کہ کچھ آمد اور آورد دونوں سے مستفید ہوتے ہیں
البتہ کچھ شاعر آمد سے قطعی محروم ہوتے ہیں وہ صرف ایک ٹیکنیک یا مصرع سازی کے فن سے واقف ہوتے ہیں
والسلام
زرقا
السلام علیکم
امین صاحب
میرا خیال ہے کہ ہماری اپنی تاریخ میں سن 65 کی جنگ ایک مثال ہے
اُس دور کے لکھے ہوئے جنگی ترانے ہمیشہ کے لیے امر ہو چکے ہیں
والسلام
زرقا
زرقا آپ میری بات نہیں سمجھی ۔۔ میں نے وہی کہا ھے جو آپ نے تشریح میں فرمایا ھے ۔۔ اپنی ” کا لفظ ذاتیات کے لیئے نہیں بلکہ استعارتی تھا جس کے معنی میرے نزدیک بہت وسیع ھیں اور اس میں انسان سے وابستہ ھر مسلہ اور رشتہ آتا ھے ۔ کبھی کبھی تزبذب کی حالت میں سب سے اچھالکھا جاتا ھے ۔
قاضی صاحب اسلام علیکم
میں آج دوسرے شہرگیا ہواتھا ابھی آیا ہوں اور آج عالمی اخبار پہلی بار دیکھا آپ نے جو کچھ لکھا ہے کوئی
برائے بحث نہیں بلکہ ایک صحیح حقیقت کی وضاحت کے لئے کل کچھ لکھ سکوں گا آج شام میراریڈیو پروگرام
ہے اس لئے وقت نہیں نکال سکا صرف ایک جملہ جو کل کے تبصرے میں واضح نہیں ہو سکا وہ یہ تھا کہ تحریک
آزادی کے خلاف انگریزوں نے ایک جنگ پبلستی محکمہ بنایا تھا اور بالکل یقینا حفیظ جالندھری صاحب اس
محکمے کے ڈائرکٹر تھے میرا مقصد کسی طرح بھی حفیظ صاحب کی حیثییت کو کم کرنا نہیں ہے میںنے ان پر
کئی مرتبہ پروگرام کیا اور انشااللہ انکے بارے میں بہت تفیصیل سے لکھ سکتا ہوں اور جہاں تک شاہنامے اسلام
کی بات ہے اس کی چاروں جلدیں اوریجنل والی سن چالیس کی چھپی ہوئی میرے پاس موجود ہیں مختصرا ہی کہ
انشااللہ باقی کل اور مستند۔۔ امید ہے آپ میری بات کا برا نہیں مانیں گے مجھے دعارںمیںیاد رکھئے آپکا امین
ًًًًٍؤؤ
امین ترمذی صاحب کی وضاحت کا شکریہ ۔ میں ان کے جملے کو جوں کا توں پیش کردیا ہوں جس میں ” کے خلاف” کے الفاظ موجود نہیں تھے۔
اب جبکہ یہ وضاحت امین ترمذی صاحب نے اپنے حالیہ تبصرے میں پیش کردی ہے اس لیے مجھے اس سلسلہ میں کچھ نہیں کہنا ہے۔
اب حفیظ جالندھری نے انگریزوں کی ملازمت میں ” آزادی ء ہند کی تحریک کے خلاف ” جو کچھ بھی کارنامے انجام دیے ان کا ذکر امین ترمذی صاحب اپنے آنے والے تبصروں میں کرنے کا وعدہ کرچکے ہیں۔ ( انتظار رہے گا )
میں تو جنگ عظیم کے زمانہ میں جوش اور مجاز اور ساحر اور کیفی اعظمی ، علی سردار جعفری اور مخدوم محی الدین اور فیض کے اشعار گنگنایا کرتا تھا اور ساتھ ہی ساتھ سجاد ظہیر اور احمد ندیم قاسمی اور ہاجرہ مسرور اور خدیجہ مستور اور عصمت چغتائی اور قرت العین حیدر کی تصنیفات پپڑھنے کی کوشش کرتا تھا۔
مجھے امین ترمذی صاحب کی تحقیق پر اعتماد ہے ۔
میں بھی شاہنامہ اسلام کی تمام جلدیں پڑھ چکا ہوںاور حفیظ جالندھری کی قادرالکلامی سے کافی متاثر ہوا ہوں ۔ ( پاکستان کے قومی ترانے کی مصنف بھی وہی تھے )
میرے دلی دعائیں امین ترمذی صاحب کے کامیاب ریڈیو پروگرام کے ساتھ ہیں۔
فقط:
منظور قاضی از جرمنی
شاہنامہ اسلام کے بارے میں کسی جوشیلےشاعر (شائد جوش ) نے یہ شعر کہا تھا ( جو میرے حافظہ میں ابھی تک موجود ہے ) ۔ممکن ہے کہ شاعر کا نام جوش نہ ہو مگر وہ شعر یوں تھا :
اسلام کا شاہنامہ لکھنے والے
اسلام کو شاہی سے تعلق کیا ہے ؟
۔۔
ممکن ہے کہ حفیظ جالندھری نے یہ جواب دیا ہو:
دیکھا جو تیر کھا کے کمیں گاہ کی طرف
اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہوگئی
۔۔۔
شاید امین ترمذی صاحب اس بار ے میں کچھ نہ کچھ جانتے ہونگے۔
۔۔۔۔۔
فقط
منظور قاضی از جرمنی
قاضی صاحب مع دیگر قارئین عالمی اخبار اسلام علیکم
ابوالاثر حفیظ جالندھری کی زندگی کا بیاسی سالوں میں آپ کو مختلف رنگ دیکھنے کو ملیں گے حفیظ صاحب ساتویں کلاس
کے بعداسکول نہیں گئے بچپن میں کئی مرتبہ گھر سے بھاگے والد جوحآفظ قرآن تھے انہوں نے حفیط کو گھر سے نکال دیا تھا
سترہ سال کی عمر میںوالدہ نے اپنی بہن کی لڑکی زینب سے انکی شادی کردی سسرال والے بھی ان سے نالاں تھے کئی مرتبہ
سسرال سے بھی نکالے گئے حفیظ نے ریلوے اسٹیشن پر قلی کا بھی کام کیا اور صدر پاکستان ایوب خاں کے مشیر بھی رہے یہی
ساتویں کلاس پاس حفیظ صاحب ایک ایسے ادارے کے نگراں بھی رہے جہاں احمد بشیر۔ ممتاز مفتی۔اورابن انشاء حفیظ
صاحب کے ماتحت تھے یہی ساتویں کلاس تک تعلیم پانے والے حفیظ صرف سیائیس سال کی عمر میں سن 1927 میں
مدراس میں آل انڈیا مشاعرے کے صدر تھے جہاں اسٹیج پر کانگریس کے صدر ڈاکتر انصاری مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کے
دونوں صدور سر عبدالقادر اور سر سلیمان کے علاوہ مولانا محمد علی جوہر موجود تھے سامنے اسٹیج پر بلبل ہندوستان سروجنی
نائیڈو بیٹھی تھیں اور دوسرے دن ہوٹل برسٹو مدراس میں ناشتے کی میز پر حفیظ نے وہ انریزی اخبار بھی دیکھا جس میں
زندگی میں پہلی بار سر ورق پر حفیظ صاحب کی تصور چھپی تھی اور سروجنی نائیڈؤ کے توصیفی الفاظ بہ شان حفیظ چھپے تھے
حفیظ صاحب کی پہلی شادی سے آٹھ لڑکیاں ہوئیں جن میں سے تسنیم باقاعدہ شاعرہ تھیں
حفیظ صاحب نے پہلی بیوی کی موجودگی میں انیلا نامی ایک انگریز خاتون سے شادی کر لی تھی جوحفیظ صاحب کو
انگلستان کے سفر میں ملی تھیں اور حفیظ صاحب کے ساتھ ہندوستان آگئی تھیں بعد میں والد صاحب کے کہنے اور زینب
کی اجازت سے انکی شادی ہو گئی تھی اس خاتون سے بھی حفیظ صاحب کی ایک لڑکی ہوئی یہ شادی کوئی سات سال چلی پھر
انیلا اپنی بیٹی کو لے کے انگلستان چلی گئی اورحفیظ صاحب کا اس بیٹی سے تعلق ختم ہو گیا سن 1954 میں پہلی بیوی زینب
کے انتقال کے بعد حفیظ صاحب نے ریڈیو پاکستان لاہور سے منسلک خورشید نامی خاتون سے عقد ثالث کر لیا تھا سوئے اتفاق
کہ خورشید سے بھی ایک لڑکی ہوئی اور اسطرح حفیظ صاحب اولاد نرینہ کی خواہش دل میں ہی لے گئے
رابندر ناتھ ٹیگور کے اور حفیظ جالندھری کے علاوہ اور کوئ ایسی مثال نہیں ہے کہ کسی شاعر نے دو ملکوں کے قومی
ترانے لکھے ہوں ٹیگور ہندوستان اور بنگلہ دیش کے قومی ترانے کے خالق ہیں اور حفیظ جالندھری پاکستان اور آزاد کشمیر
کے قومی ترانوں کے خالق ہیں حفیظ جالندھری کو حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور پرئڈ آف پرفارمینس کے
اعزازات بھی ملے 21 دسمبر 1982 میںانتقال کے بعد حفیظ صاحب کی تدفین ماڈٌ ٹاون لاہور میں ہوئی بعد میں مینار پاکستان
کے قریب حکومت پاکستان نے ایک خوبصورت مزار بنوایا ہے جس کے سنگ مرمر کے دروازے کے محراب پر خالق شاہنامہء
اسلام اور قومی ترانہ لکھا ہے پھر ایک راہداری ہے پھر سنگ مرمر کی جالیوں سے مزین مقبرہ بلکہ مجھے تو یہ علامہ اقبال کے
مزا سے بہتر لگا۔
قاضی صاحب اب وہ بات رہ جاتی ہے کہ حفیظ صاحب نے انگریزوں کی حمایت میں آزادیء ہند کے خلاف کام کیا تو یہ
بات تو آپکو گوگل میں لکھی ہوئی مل جائے گی انگریزوں نے پہلے بھی حفیظ صاحب کو خان صاحب کا خطاب عطا کیا تھا لیکن
اس موقع پر مصور چغتائی کو خان بہادر کا خطا ملا تھا اور حفیظ صاحب کو اس بات کا بڑا غم تھا کہ انہیں خان بہادر کا خطاب
کیوں نہیں ملا کیوں کہ حفیظ صاحب گلے کے شاعر بھی کہلاتے تھے اور موسیقی میں بھی کافی درک رکھتے تھے اور گانے والیوں
کے سازندے بھی خانصاحب کہلاتے تھے اس لئے یہ خطاب کافی عرصے حفیظ صاحب کی چڑ بنا رہا 1945 میں سفید سرکار نے اپنی
حمایت میں ترانےلکھنے پرانہیں خان بہادر کا خطاب بھی عطاکیا
آخر میں یہ بات بہر حال یقینا قابل داد ہے کہ تایخ اسلام کو اتنی تفصیل سے منظوم پیش کرنا اور وہ بھی چار جلدوں ایک انتہائی
تفصیلی اور تحقیقی کام ہے جو حفیظ جالندھری کو طویل عر صے ادب میں زندہ رکھے گا
حفیظ جالندھری کے آخری اشعارمیں یہ شعر شاید انہوں نے 21 دسمبر 1982 کے لئے لکھا تھا
میری یہ زندگی ہے کہ مرنا پڑا مجھے۔۔۔اک اور زندگی کی تمنا لئے ہوئے
ًً
امین بھائی میں ھمیشہ آپ کی تخلیقی تحقیقی کاوشوں سے متاثر ھوتی ھوں اور ھمیشہ کی طرح ا س بار بھی درخواست کر رھی ھوں کہ اس طرح کی تخلیقات ھمیں ھمارے ادبی صفحے کے لیئے بھی بھیجا کریں تاکہ ایسی تحقیق محفوظ کی جا سکے ۔۔ آمین
میں امین ترمذی صاحب کا مشکور ہوں کہ انہوں نے حفیظ جالندھری کی زندگی پر اتنا تحقیقی تبصرہ پیش کردیا ۔
میری معلومات حفیظ جالندھری اور اسکے گیت ” ابھی تو میں جوان ہوں ” اور اسکے پاکستانی ترانے ، تک محدود ہیں۔
اردو شاعری کے طلبا اور طالبات کے لیے امین ترمذی صاحب کا یہ تبصرہ کافی تاریخی حیثیت رکھتا ہے ۔
امین ترمذی صاحب کی تحقیق اور حقیقت نگاری کا شکریہ
فقط :
منظور قاضی از جرمنی
ایک اچھا شعر سیکڑوں ناولوں پر بھاری ہو سکتا ہے۔اساتذہ کے ہاں تو یہ اشعار جگہ جگہ نظر آتے ہیں۔ لیکن اردو میں ایسے بہت سے شاعر ہیں جو ایک شعر کی وجہ سے قیامت تک زندہ رہیں گے۔
ایک اچھا شعر سیکڑوں ناولوں پر بھاری ہو سکتا ہے۔اساتذہ کے ہاں تو یہ اشعار جگہ جگہ نظر آتے ہیں۔ لیکن اردو میں ایسے بہت سے شاعر ہیں جو ایک شعر بلکہ ایک مصرع کی وجہ سے قیامت تک زندہ رہیں گے۔ اس ضمن میں ذوق کا ایک شعر لوگ مختلف طرح سے پڑھتے ہیں۔ ڈاکٹر تنویر علوی کے مرتبہ کلیاتِ ذوق میں یہ شعر اسطح درج ہے۔
رہتا سخن سے نام قیامت تلک اے ذوق
اولاد سے رہے یہی دو پشت چار پشت
مثلاً
زندگی کیا ہے عناصر میں ظہورِ ترتیب
موت کیا ہے انہی اجزاء کا پرشاں ہونا
چکبست
جن پہ تکیہ تھا وہی پتّے ہوا دینے لگے
ثاقب لکھنوی
قارئین کو سلام
شاعری داخلی اظہار کا ایک نادر ، بے باک اور بے لاگ وسیلہ ہے جو صرف اظہار تک ہی محدود نہیںبلکہ اس سے انسانی جمالیات کی بھی عکاسی ہوتی ہے اور غم دوراںکے ساتھ ساتھ غم جاناںکی بھی ترجمانی ممکن ہے ۔ شاعری کے حوالے سے فارسی کا یہ جملہ بہت برمحل ہے کہ :
از دل خیزد بر دل ریزد
( یعنی دل سے بات نکلتی ہے اور دل پر اثر انداز ہوتی ہے )
السلام علیکم
رہتا سخن سے نام قیامت تلک اے ذوق
اولاد سے رہے یہی دو پشت چار پشت
شکریہ جعفری صاحب
از دل خیزد بر دل ریزد
( یعنی دل سے بات نکلتی ہے اور دل پر اثر انداز ہوتی ہے )
شکریہ ڈاکٹر صاحب بہت خوبصورت جملہ ہے
احمد فراز صاحب کی ایک نظم سے اقتباس درج کرتی ہوں
یہ واقعہ ہے کہ شاعر وہ دیکھ سکتا ہے
رہے جو تیرے فرشتوں کی آنکھ سے اوجھل
یہی قلم ہے کہ جس کی ستارہ سازی سے
دلوں میں جوت جگاتی ہے عشق کی مشعل
یہی قلم ہے جو دکھ کی رتوں کو بخشتا ہے
دلوں کو پیار کا مرہم سکون کا صندل
یہی قلم ہے کہ جس نے مجھے یہ درس دیا
کہ سنگ و خشت کی زد پر رہیں گے شیش محل
اسی نے مجھ کو سکھائی ہے راہِ اہلِ صفا
اسی نے مجھ سے کہا ہے کہ پُل صراط پہ چل
اسی کی آگ سے میرا وجود ہے روشن
اسی کی آب سے میرا ضمیر ہے صیقل
اسی نے مجھ سے کہا بیعتِ یزید نہ کر
اسی نے مجھ سے کہا مسلکِ حسین پہ چل