اسرار الحق مجاز ( 1911 تا 1955 ) کی نظم ” تعارف ” کے چند اشعار :
خوب پہچان لو اسرار ہوں میں
جنسِ الفت کا خریدار ہوں میں
عشق ہی عشق ہے دنیا میری
فتنہ ء عقل سے بے زار ہوں میں
خوابِ عشرت میں ہیں اربابِ خرد
اوراک شاعرِ بیدار ہوں میں
لے کے نکلا ہوں گہر ہائے سخن
ماہ و انجم کا خریدار ہوں میں
میری باتوں میں مسیحائی ہے
لوگ کہتے ہیں کہ بیمار ہوں میں
۔۔۔۔۔
مجاز کی تصنیف ” آہنگ ” کا دیباچہ فیض احمد فیض نے لکھا : ” مجاز کے ترنم میں چاندنی کاسا فیاضانہ حسن ہے جس کے پرتو سے تاریک اور روشن چیزیں یکساں نظر آتی ہیں” ۔۔۔۔ مجاز انقلاب کا ڈھنڈورچی نہیں انقلاب کا مطرب ہے ۔ اس کے نغمے میں برسات کے دن کی سی سکون بخش خنکی ہے اور بہار کی برسات کی سرگرم جوشِ تاثر افرینی ”
۔۔۔۔۔۔
میں مجاز کے اس بلاگ کو ساحر کے بلاگ کے ساتھ ساتھ اس لیے لکھرہا ہوں کہ یہ دونوں شعرا میرے ماضی کی یادوں سے منسلک ہیں۔
میں اور بھی چند مشہور شعرا کے ساتھ ساتھ ان دونوں شعرا کو بے حد پسند کرتا ہوں ۔
ساحر کی نظم ” تاج محل ” کی طرح مجاز کی نظم ” آوارہ ” کا یہ مصرعہ : ” اے غمِ دل کیا کروں ، اے وحشتِ دل کیا کروں ” میرے ذہن میں محفوظ ہے اور یہ پوری نظم میری تنہائی کی ساتھی بھی ہے ۔
فی الوقت مجاز کے چند اشعار اسکی کتاب آہنگ سے پیشِ خدمت ہیں:
چھلکے تری آنکھوں سےشراب اور زیادہ
مہکیں ترے عارض کے گلاب اور زیادہ
اللہ کرے زور شباب اور زیادہ
۔۔
نور ہی نور ہے کس سمت اٹھاوں آنکھیں
حسن ہی حسن ہے تا حدِ نظر آج کی رات
۔۔
ترے ماتھے پہ یہ آنچل بہت ہی خوب ہے لیکن
تو اس آنچل سے اک پرچم بنا لیتی تو اچھا تھا
۔۔
تسکینِ دل محزوں نہ ہوئی وہ سعئی کرم فرما بھی گئے
اس سعئی کرم کو کیا کہیے بہلا بھی گئے تڑپا بھی گئے
۔۔
روداد ِغمِ الفت ان سے ہم کیا کہتے کیوں کر کہتے
اک حرف نہ نکلا ہونٹوں سے اور آنکھوں میں آنسو آ بھی گئے
۔۔۔۔
کچھ تجھ کو خبر ہے ہم کیا کیا اے گردشِ دوراں بھول گئے
وہ زلفِ پریشاں بھول گئے ، وہ دیدہ ء گریاں بھول گئے
۔۔
یہ اپنی وفاکا عالم ہے ، اب انکی جفا کو کیا کہیے
اک نشترِ زہر آگیں رکھ کر نزدیکِ رگِ جا ں بھول گئے
۔۔۔
کمال کی بات یہ ہے کہ مجاز پاکستان ( میری محدود معلومات کے مطابق ) نہیں آیا مگر پاکستان کا پہلا ملی ترانہ اس نے ہی لکھا :
آزادی کی دھن میں کس نے آج ہمیں للکارا
خیبر کے گردوں پر چمکا ایک ہلا ل اک تارا
سبز ہلالی پرچم لے کر نکلا لشکر سارا
پربت کے سینے سےپھوٹا کیسا سرکش دھارا
سرمائے کا سوکھا جنگل اس میں سرخ شرارا
پاکستان ہمارا ۔ پاکستان ہمارا
اس ترانے کا دوسرا( آخری بند ) بھی کبھی لکھد ونگا ۔
فی الوقت اس بلاگ کے ابتدائیہ کو یہیں پر ختم کرتا ہوں۔
اور تمام پڑھنے والوں سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر انکو مجاز اور اسکی شاعری پر عقیدت کے پھول چڑھانے ہوں تو یہ بلاگ حاضر ہے۔
فقط:
منظور قاضی از جرمنی

مجاز اپنی زندگی کے آخری دور میں بالکل بجھ سا گیا تھا ۔ اس پر فراق نے آہنگ ِ مجاز میں یہ لکھا کہ :
” دورِ حاضر کی شاعری میں مجاز ایک عجیب و غریب ، ایک حیرت انگیز مظہر کی حیثیت رکھتا ہے۔ ۔۔۔ وہ ۔۔۔۔فضا کی بلندیوں میں پھول سی جگمگاتی ہوئی چنگاریا ں بکھیر کر چشم زدن میں بجھ گیا ۔” لیکن ” یہ چنگاریا ں اس کے مجموعہ ء کلام میں ہمیشہ کے لیے محفو ظ ہوگئی ہیں ”
۔۔۔۔۔
آج بھی ہے مجاز خاک نشیں
اور نظر عرش پر ہے کیا کہیے
۔۔
مجاز ہی متاع بھی، مجاز ہی غریب بھی
مجاز خود رفیق بھی ، مجا ز ہی رقیب بھی
۔۔۔۔۔
یہ شعر بھی کہ :
بخشی ہیں ہم کو عشق نے وہ جراتیں مجاز
ڈرتے نہیں سیاستِ اہلِ جہاں سے ہم
۔۔۔۔
مجاز نے ایک نظم ” نوجوان خاتون سے ” کے عنوان کے ساتھ لکھی تھی جس کی مجاز ہی کے زمانہ میں کافی پذیرائی ہوئی ور اسکے پیغام میں آج کل بھی کافی تازگی موجود ہے : ،
حجاب ِ فتنہ پرور اب اٹھالیتی تو اچھا تھا
خود اپنے حسن کو پردا بنالیتی تو اچھا تھا
تری نیچی نظر خود تیری عصمت کی محافظ ہے
تو اس نشتر کی تیزی آزما لیتی تو اچھا تھا
یہ تیرا زرد رخ ، یہ خشک لب ، یہ وہم ، یہ وحشت
تو اپنے سر سے یہ بادل ہٹا لیتی تو اچھا تھا
دلِ مجروح کو مجروح تر کرنے سے کیا حاصل ؟
تو آنسو پونچھ کر اب مسکرالیتی تو اچھا تھا
ترے زیر ِ نگیں گھر ہو َ محل ہو َ قصر ہو ، کچھ ہو
میں یہ کہتا ہوں تو ارض و سما لیتی تو اچھا تھا
اگر خلوت میں تونے سر اٹھایا بھی تو کیا حاصل ؟
بھری محفل میں آکر سر جھکا لیتی تو اچھا تھا
ترے ماتھے کا ٹیکا مرد کی قسمت کا تارا ہے
اگر تو سازِ بیداری اٹھا لیتی تو اچھا تھا
عیا ں ہیں دشمنوں کے خنجروں پر خون کے دھبے
انہیں تو رنگِ عارض سے ملا لیتی تو اچھا تھا
سنانین کھینچ لی ہیں سر پھرے باغی جوانوں نے
تو سامانِ جراحت اب اٹھا لیتی تو اچھا تھا
ترے ماتھے پہ یہ آنچل بہت ہی خوب ہے لیکن
تو اس آنچل سے اک پرچم بنا لیتی تو اچھا تھا
فقط :
مجاز کی شاعری کا دلدادہ
منظور قاضی از جرمنی
قاضی صاحب
میرے پاس مجاز اور دوسرے شعرا کے کلام کے ساتھ ساتھ اور بھی مواد ہے۔ الگ سے بلاگ شروع نہیں کرنا چاہتا۔ اگر گنجائش ہو تو یہاں لکھ سکتا ہوں۔
فیض کی فکر کے بنیادی نقوش مجاز کے یہاں نظر آتے ہیں۔ دونوں نے غمِ جاناں اور غمِ دوراں کی آمیزش پیش کرکے شاعری کو ایک نیا رخ دیا ہے۔ اپنی اپنی روش کی وجہ سے اور کیونکہ مجاز نے بہت کم عمر پائ اسلئے مجاز کے ہاں غمِ جاناں غمِ دوراں سے زیادہ نظر آتا ہے۔ آمیز ش کی ایک مثال
رات ہنس ہنس کر یہ کہتی ہے کہ میخانے میں چل
پھر کسی شہناز لالہ رُخ کے کاشانے میں چل
یہ نہیں ممکن تو پھر اے دوست ویرانے میں
اے غمِ دل کیا کروں ، اے وحشتِ دل کیا کروں
مفلسی اور یہ مناظر ہیں نظر کے سامنے
سیکڑوں سلطان جابر ہیں نظر کے سامنے
سیکڑوں چنگیز و نادر ہیں نظر کے سامنے
اے غمِ دل کیا کروں ، اے وحشتِ دل کیا کروں
مجاز کی غزل کے دو اشعار اپنے تمہیدی تبصرے میں لکھ چکا ہوں
اس ہی غزل کے باقی کے تین اشعار بھی حاضر ہیں؛
اے شوقِ نظارہ کیا کہیے ، نظروں می کوئی صورت ہی نہیں
اے ذوقِ تصور کیا کیجئے ، ہم صورتِ جانا ں بھول گئے
اب گل سے نظر ملتی ہی نہیں ، اب دل کی کلی کھلتی ہی نہیں
اے فصلِ بہاراں رخصت ہو ، ہم لطفِ بہارا ں بھول گئے
سب کا تو مداوا کر ڈالا ،اپنا ہی مداوا کر نہ سکے
سب کے تو گریباں سی ڈالے ، اپنا ہی گریباں بھول گئے
۔۔۔۔۔۔
فقط :
منظور قاضی از جرمنی
مجاز حالات حاضرہ سے متعلق یہ سوالات کررہا ہے کہ ::
سبزہ و برگ و لالہ و سرو سمن کو کیا ہوا ؟
سارا چمن اداس ہے ہائے چمن کو کیا ہوا ؟
ایک سکوت ہر طرف ہوش ربا و ہولناک
خلد وطن کے پاسباں خلد وطن کو کیا ہوا ؟
رقصِ طرب کدھر گیا ، نغمہ طراز کیا ہوئے ؟
غمزہ و ناز کیا ہوئے عشوہ و فن کو کیا ہوا ؟
جس کی نوا ئے دلستاں زخمہ ء ساز عشق تھی
کوئی بتاو اس بتِ غنچہ دہن کو کیا ہوا ؟
۔۔
فقط :
،ننظور قاضی از جرمنی
ظفر جعفری صاحب سے عرض ہے کہ یہ بلاگ مجاز اور اسکی شاعری پر ہی رہے تو اچھا ہے ۔
ہاں اگر فیض جیسے دوسرے شعرا کی شاعری نے مجاز کی شاعری پر اثر ڈالا ہے تو اسکا تذکرہ کرسکتے ہیں۔
فیض کو اپنی زندگی میں بہت سارے مصائب کا سامنا کرنا پڑا ۔فیض نے شاعری بھی کی اور اپنی پسند کی شادی بھی کی اور اسکی اولاد بھی دنیا میں موجود ہے ۔ فیض قید کی زندگی بھی گذار چکے اور ان تمام تجربات نے انکی شاعری میں انتہائی گہرائی پیدا کی ، مگر مجاز انقلاب کے گیت بھی گاتا رہا اور پڑھنے اور سننے والوں کو اپنی رومانی شاعری سے بھی محظو ظ کرتا رہا ۔ مگر جہاں تک میرا خیال ہے اس نے نہ شادی کی اور نہ وہ جیل گیا ۔ اس کے باوجود وہ ایک منفرد شاعر تھا جس کو ہر ترقی پسند شاعر دل سے چاہتا تھا ۔
اسکے اشعار میں داخلی جذبا ت اور تاثرات کا اظہار ہے اور ساتھ ہی ساتھ ان میں سرخ سویرا اور اشتراکی نظام کو دیکھنے کی خواہش ہے ۔
اسکی نظم آوارہ کے پندرہ بند ہیں جن میں سے آپ نے صرف دو بند پیش کیے ہیں ۔ ۔اس بلاگ کے ختم ہونے سے پہلے میں بقیہ تیرہ بند بھی اس بلاگ میں لکھ سکھتا ہوں ۔ ویسے ہر ایک بند مجاز کے لا ابالی پن اور اسکے غمِ دل اور وحشتِ دل کی عکاسی کرتا ہے۔ شاید اس کیفیت نے بعد میں مجاز کو ہمیشہ کے لیے خاموش رہنے پر مجبور کیا ۔ اور بقول فراق ، مجاز کو بجھادیا۔
اگر ظفر جعفری صاحب کو تعمیری اور مثبت بلاگوں کے لکھنےکی عالمی اخبار کی انتظامیہ نے اجاز ت دی ہے تو وہ ضرور اپنی پسند کے دوسرے شعرا پر بھی بلاگ لکھ سکتے ہیں۔ مگر اس بلاگ کو مجاز کی شاعری اور زندگی کے علاوہ کسی دوسرے شاعر کی شاعری اور زندگی کے لیے استعمال کرنا مجاز کے ساتھ نا انصافی ہوگی۔
فقط:
منظور قاضی از جرمنی
مجاز کی نظم آوارہ کے چند اشعار ؛
۔۔
اے غمِ دل کیا کروں ، اے وحشتِ دل کیا کروں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہر کی را ت اور مین ناشاد و ناکارا پھروں
جگمگاتی ، جاگتی سڑکوںپہ آوارا پھروں
غیر کی بستی ہے کب تک در بدر مارا پھروں
۔۔۔۔۔
جھلملاتے قمقمو ں کی راہ میں زنجیر سی
رات کے ہاتھوں میں دن کی موہنی تصویر سی
میرے سینے پر مگر دہکی ہوئی شمشیر سی !
۔۔۔۔
یہ روپہلی چھاوں یہ آکاش پر تاروں کا جال
جیسے صوفی کا تصور ، جیسے عاشق کا خیال
آہ لیکن کون جانے، کون سمجھے جی کا حال
۔۔۔
پھر وہ ٹوٹا اک ستارہ پھر وہ چھوٹی پھلجڑی
جانے کس کی گود میں آئی یہ موتی کی لڑی
ہوک سی سینے میں اٹھی، چوٹ سی دل پر پڑی
۔۔۔۔۔۔
رات ہنس ہنس کر یہ کہتی ہے کہ میخانے میں چل
پھر کسی شہناز لالہ رخ کے کاشانے پہ چل
یہ نہیں ممکن تو پھر اے دوست ویرانے میں چل
۔۔۔
ہر طرف بکھری ہوئی رنگینیاں ، رعنائیاں
ہر قدم پر عشرتیں لیتی ہوئی انگڑائیاں
بڑھ رہی ہیں گود میں پھیلائے ہوئے رسوائیاں
۔۔۔۔۔۔
راستے میں رک کے دم لے لوں مری عادت نہیں
لوٹ کر واپس چلا جاوں مری فطرت نہیں
اور کوئی ہمنوا مل جائے یہ قسمت نہیں
۔۔۔۔۔۔
اے غمِ دل کیا کروں اے وحشتِ دل کیا کروں
۔۔۔۔۔۔۔
مجاز کی اس نظم کے بقیہ اشعار کوئی یہاں لکھدیے تو ٹھیک ورنہ وہ بھی آئندہ کسی وقت لکھد ونگا۔
فقط :
منظور قاضی ( میونخ ،جرمنی سے )
مجاز کو فیض ، جذبی ، علی سردار جعفری او ر مخدوم محی الدین سے اتنی انسیت تھی کہ اس نے اپنی تصنیف آہنگ کو انہی چار افراد کے نام یوں منسوب کیا:
فیض اور جذبی کے نام : جو میرے دل و جگر ہیں
سردار اور مخدوم کے نام : جو میرے دست و بازو ہیں
۔۔۔۔۔۔
یہ انتساب مجاز کی ان عظیم انسانوں سے دلی قربت کا آئینہ دار ہے۔
۔۔۔۔
فقط:
منظور قاضی از جرمنی
مجاز کی نظم آوارہ کے بقیہ اشعار :
منتظر ہے ایک طوفانِ بلا میرے لیے
اب بھی جانے کتنے دروازے ہیں وا میرے لیے
پر مصیبت ہے مرا عہدِ فوا میرے لیے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جی میں آتا ہے کہ اب عہدِ وفا بھی توڑدوں
ان کو پاسکتا ہوں میں۔ یہ آسرا بھی توڑدوں
ہا ں مناسب ہے ، یہ زنجیر۔ ہوا بھی توڑ دوں
۔۔۔۔۔۔۔۔
اک محل کی آڑ سے نکلا وہ پیلا ماہتا ب
جیسے ملا کا عمامہ ، جیسے بنیے کی کتاب
جیسے مفلس کی جوانی ، جیسے بیوہ کا شباب
۔۔۔۔۔۔
دل میں اک شعلہ بھڑک اٹھا ہے آخر کیا کروں
میرا پیمانہ چھلک اٹھا ہے آخر کیا کروں
زخم سینے کا مہک اٹھا ہے آخر کیا کروں
۔۔۔۔۔
جی میں آتا ہے یہ مردہ چاند تارے نوچ لوں
اس کنارے نوچ لوں اور اس کنارے نوچ لوں
ایک دو کا ذ کر کیا سار ے کے سارے نوچ لوں
۔۔۔۔۔۔
مفلسی اور یہ مظاہر ہیں نظر کے سامنے
سینکڑوں سلطان جابر ہیں نظر کے سامنے
سینکڑوں چنگیز و نادر ہیں نظر کے سامنے
۔۔۔۔۔
لےکے اک چنگیز کے ہاتھوں سے خنجر توڑ دوں
تاج پر اس کے دمکتا ہے جو پتھر توڑ دوں
کوئی توڑے یا نہ توڑے میں ہی بڑھکر توڑ دوں
۔۔۔۔۔۔
بڑھ کے اس اِندر سبھا کا ساز وساماں پھونک دوں
اس کا گلشن پھونکدوں اس کا شبستاں پھونک دوں
تختِ سلطاں کیا ، میں سار ا قصرِ سلطاں پھونک دوں
۔۔۔۔
اے غمِ دل کیا کروں ، اے وحشتِ دل کیا کروں
۔۔۔
مجاز کی یہ نظم اور ساحر کی نظم تاج محل دونوں اردو زبان کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
۔۔
فقط:
منظور قاضی از جرمنی
پر مصیبت ہے مرا عہدِ وفا میرے لیے : پڑھیے : شکریہ
محترمی امین ترمذی صاحب سے آج ٹیلیفون پر بات ہوئی جس میں انہوں نے مجاز کی نجی زندگی اور اسکی جان نثار اختر اور اسکے بیٹے جاوید اختر سے قریبی رشتہ داری کا ذکر کیا ، اور یہ بھی کہا کہ مجاز کی موت ایک ہوٹل کی چھت پر ہوئی وغیرہ ۔ انہوں نے یہ بھی فرمایا کہ مجاز کا غیر مطبوعہ کلام بھی کسی نے شایع کیا ہے۔
میں امین ترمذی صاحب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ مجاز کے اس بلاگ میں اسکی زندگی اور اسکے غیر مطبوعہ کلام پر کچھ تبصرے کرسکتے ہیں تو ضرور کریں ۔
فقط
منظور قاضی از جرمنی
میرے حافطے کے مطابق امین ترمذی صاحب نے کل کی ٹیلیوفونی بات چیت میں یہ بھی کہا تھا کہ مجاز کا تعلق ردولی سے تھا اور اس کی تصویر کے ساتھ پاکستان کے پوسٹ آفس کے محکمہ نے ایک یاد گار اسٹامپ بھی چھاپا تھا ۔ ( مرے لیے یہ معلومات نئی تھیں۔
امین ترمذی صاحب مجاز کے بارے میں جو کچھ بھی لکھ سکتے ہیں وہ اگر اس بلاگ میں لکھدیں تو مجاز کی روح خوش ہوجاے گی ۔
بہر کیف:
فقط
منظور قاضی از جرمنی
قاضی صاحب اسلام علیکم
آپ کی تحریر کردہ ایک بات کی تصحیح کرنے کے لئے یہ چند سطور لکھنا ضروری ہو گیا ہے مجاز کا پوسٹل اسٹیمپ
پاکستان میں نہیں بلکہ آٹھ مارچ دو ہزہار آٹھ میں ہندوستان پوسٹ آفس نے بیاد مجاز ایک پوسٹل اسٹیمپ جاری کیا آپ کے
حسب الحکم مجاز کے بارے میں کچھ لکھنا ضروری ہو گیا ہے
مجاز کی پیدائش یوپی کے ڈسٹرکٹ فیض آباد میں بارہ بنکی کے قریب ایک قصبے ردولی میں ہوئی اسی ردولی کے ایک
معروف اہل قلم احمد علی ردولوی کا نام بھی اچھے افسانہ نگاروں میں آتا ہے یہ منشی پریم چند کے ساتھیوں میں تھے اور ان کا
ایک مشہور افسانہ ضیاء محی الدین کی آواز میں آپ لوگوں نے سنا ہوگا ایک خط پیاری بیٹی ہماکےنام۔
مجاز کی تعلیم آگرہ اور علیگڈھ میں ہوئی کچھ عرصہ ملازمت کے سلسلے میں دہلی میں بھی رہے جہاں وہ ریڈیو اسٹیشن کے
ایک رسالے کے مدیر تھے اور بھی کئی رسالوں کے مدیر رہے علیگڈھ مسلم یونیوسٹی کے آفیشل ترانے کے خالق بھی مجاز ہیں
“یہ میرا چمن ہے میرا چمن۔ میں اپنے چمن کا بلبل ہوں ”
یو ٹیوب پرترانہء علیگڈھ مسلم یونیورسٹی پر یہ پورا ترانہ سنا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے لئے جن شعراء نے اپنے ترانے بھیجے تھے
اس میں مجاز کا ترانہ بھی شامل تھا ‘قومی ترانے ”
مجاز نے شادی نہیں کی تھی اس کی وجہ اس زمانے کے نوجوانوں کی طرح خود کو سوشلسٹ اور کمیونسٹ کہلانا ترقی پسند
تحریک کے سرگرم کارکن۔ کثرت مے نوشی آزاد طبیعت تین مرتبہ دیوانگی کے دوروں میں علالت بلکہ تیسری مرتبہ تو انتقال سے
کوئی دو سال قبل رانچی مینٹل سنٹر میں بھی چھ ماہ رہے اور صحت یاب ہو کر گھر لوٹے کچھ عرصے مے نوشی سے پرہیز بھی رہا
مگر پھر وہی رنگ جس میں دوستوں کا کافی ہاتھ رہا ان اکا کہنا تھا کہ مے نوشی کی حالت میں مجاز کے کلام میں کمال پیدا ہوتا
ہے۔ مجاز کے علیگڈھ مسلم یونیورسٹی کے مخصوص دوستوں میں علی سردار جعفری۔ سبط حسن اور جاں نثار اختر تھے جاں نثار
اختر سے مجاز کی بڑی بہن صفیہ کی شادی ہو گئی تھی اس طرح مجاز کی بہن صفیہ جاوید اختر کی والدہ اور شبانہ اعظمی کی ساس
تھیں اور مجاز جاوید اختر کی ماموں ۔ صفیہ آپا کا انتقال شادی کے کوئی دس سال بعد ہی بلکہ مجاز کی زندگی میں ہی ہو گیا تھا
جو خود بھی افسانہ نگار تھیں میری لائبریری میں کہیں ایک کتاب ہو گی جس کا نام ‘صفیہ کے خطوط جاں نثار اختر کے نام ہے
ممکن ہوا تو اس سے بھی کچھ اقتباسات لکھونگا مجاز کی ایک اور بہن جن کا نام ذکیہ تھا لیکن مجاز نے ضد کرے انکا نام حمیدہ
رکھ دیا تھا یہ مجاز کی چھوٹی بہن تھیں بلکہ’ آہنگ’ کے نئے ایڈیشن میں حمیدہ سالم نے ایک مضمون بھی لکھا ہے جس کا عنوان ہے
مجاز میرا بھائی یہ بھی افسانہ نگار ہیں اس مضمون میں جہال مصنفہ نے اپنے بھائی کی تعریف لکھی ہے وہیں انتہائی صدق دلی سے ان
کی کمزوریوں کی نشان دہی بھی کی ہے جو بہت اچھا مضمون ہے
مجاز اپنے دور کے انتہائی معروف شعراء میں تھے ان کی نظموں میں رات اور ریل۔ اور آوارہ اس وقت زبان زد خاص و عام تھیں
کئی مغنیوں نے مجاز کا کلام گایا ہے یہاں مجھے مجاز کا ایک شعر یاد آتا ہے جو ان کی غزل ‘ نورا ” سے ہے اس میں نورا کی تعریف
میں ایک شعر شاعر کی تخئیل کی پرواز کا پتا دیتا ہے
وہ اس وقت اک پیکرٍ نور ہو تی
تخیل پرواز سے دور ہوتی
دوا اپنے ہاتھوں سے مجھ کو پلاتی
اب اچھے ہو ہر روز مژدہ سناتی
اس شعر میں تخیل کی پرواز سے دور ہونا ایک اچھوتا خیال ہے آئندہ مجاز کے کچھ غیر مطبوعہ کلام سے اقتباس بھی لکھونگا خاص
طور پر ایک نظم جو انہوں نے رانچی مینٹل ہاسپٹل میں لکھی تھی اس وقت کے لئے اتنا ہی کافی ہے۔ آپ سب کی محبتوں کا امین
غزل بہ عنوانِ : نوائے امروز : تحریر جون 1952 بمقام رانچی مینٹل ہاسپیٹل ۔ مجاز کا انتقال 5 دسمبر کو 1955
کو لکھنؤ میں ہوانام اسرارالحق تخلص مجاز گھر کی کنیت “جگن” تھی ماں باپ کے علاوہ سب چھوٹے بڑے
جگن بھیا کہتے تھے بھتیجے بھانجوں ان بھانجوں میں جاویداختر بھی شامل تھے خودکو دادا کہلواتے تھے۔
یہاں سے ہاتھ ملتے جارہے ہیں
مگر دنیا بدلتے جارہے ہیں
یہ لب ہیں اب بھی مرہونِ تبسم
پھر آنسو کیوں ابلتے جارہے ہیں
جو نقشےہم نے کھینچے تھے جنوں میں
وہی نقشے بدلتے جارہے ہیں
وہ آنسو ا ب بھی پینا چاہتا ہوں
جو مژگاں پر مچلتے جارہے ہیں
قیامت ہے قیامت سی قیامت
ترے میکش سنبھلتے جارہے ہیں
حریفِ آدمیت ہے زمانہ
جو ہیں ناکام جلتے جارہے ہں
ابھی ابھی امین ترمذی صاحب سے ٹیلیفون پر بات ہوئی جس میں انہوں نے یہ فرمایا کہ انہوں نے دو تفصیلی تبصرے مجاز کی زندگی اور اسکی شاعری وغیرہ کا ذکر کیا ہے ” نظر ثانی کے انتظار میں عالمی اخبار میں موجود ہیں اور نظر ثانی کے بعد اس بلاگ میں شایع ہوجائنگے۔
ایک بات کی امین ترمذی صاحب نے تصحیح ضرور کی کہ میں نے اپنے گذشتہ تبصرے میں انکی ایک بات کو یاد رکھنے میں غلطی کی اور یہ لکھا کہ پاکستان کے پوسٹ آفس والوں نے مجاز پر ایک یادگار اسٹامپ شایع کیا تھا ۔ امین ترمذ ی صاحب نے کہا کہ پاکستان نے نہیں ہندوستان نے 2008 یعنی ایک سال قبل مجاز کی تصویر کے ساتھ پوسٹل اسٹامپ جاری کیا تھا۔
امین ترمذی صاحب نے یہ بھی فرمایا کہ مجاز کے اس بلاگ کے لیے انکے دو تبصر ے جو نظر ثانی کے منتظر ہیں ۔ان کو پڑھکر مجاز کی زندگی اور شاعری کو سمجھنے کے خوہشمند ، کا فی معلومات حاصل کر سکینگے۔
امین ترمذی صاحب کا شکریہ کہ انہوںنے اس بلاگ کی افادیت میں اضافہ کرنے کی خاطر اپنی تحقیق کے نتائج کو اس بلاگ میں پیش کردیا
فقط
منظور قاضی از جرمنی
ماشا اللہ امین ترمذی صاحب نے مجاز کے بلاگ میں جان ڈالدی اور اسکی زندگی اور موت اور اسکی شاعری پر بہت ہی سیر حاصل تبصرہ لکھا۔
اب تک تو میں صرف مجاز کی تصنیف آہنگ کے پہلے ایڈیشن سے مجاز کی شاعری پر بلاگ لکھرہا تھا مگر یہ معلوم کرکے خوشی ہوئی کہ آہنگ کا نیا ایڈیشن بھی موجود ہے جس میں مجاز کی بہن ذکیہ ( حمیدہ ) سالم کا مجاز پر مضمون بھی شامل ہے۔
امین ترمذی صاحب کے ان تبصروں کے بغیر یہ بلا گ بالکل نامکمل رہتا ۔ مجاز کی شاعری کے شیدائی ان تبصروں سے مجاز کی زندگی اور اسکی شاعری کے متعلق بہت کچھ سیکھ چکے ہونگے۔
اگر امین ترمذی صاحب اسی طرح مجاز پر مزید خیالات کا اظہار کریں تو اس بلاگ کی افادیت اور بھی بڑھ سکتی ہے۔
فقط:
منظور قاضی از جرمنی
اسرار کائنات کا متلاشی شاعر کہیں ہنگاموں میں گُم ہو گیا ۔
‘‘ رات اور ریل ’’ جیسی منظری نظم لکھنے والا شاعر جب قدرت کے حسین مناظر کی پیکر تراشی کرتا ہے تو قاری انھیں وادیو ں میں خود کو نہ صرف محسور پاتا ہے بلکہ شاعر کے ساتھ و ہ بھی اسرار کائنات کا متلاشی ہو جاتا ہے ۔ اسرارکا استعاراتی انداز ان کی شاعری کا خاصہ ہے ۔اس نظم کا ایک بند ملاحظہ فرمائیں ۔:
چھیڑتی اک وجد کے عالم میں ساز سرمدی
غیظ کے عالم میں منہ سے آگ برساتی ہوئی
آگے آگے جستجو آمیز نظریں ڈالتی
شب کے ہیبتناک نظاروں سے گھبراتی ہوئی
ایک اک حرکت سے انداز بغاوت آشکار
عظمت انسانیت کے زمزمے گاتی ہوئی
اس نظم میں جس انداز سے اسرارِ کائنات کے رموز و اسرا ر کو سمجھنے کی کوشش کی ہے یہ مجاز کا ہی حصہ ہے ۔ ان کی شاعری میں جو ترنم اور لہجے کی شیرینی ہے وہ مجاز کو بہت دور لے جاتی ۔ لیکن اسے عہد کا المیہ کہیں یا شاعر کا ، کہ اس شاعر سے تغزل چھن گئی ،لہجے کی نرمی اور شیرینی حالات کی تلخی میں کھو گئی ، اثر لکھنوی نے یہ سچ ہی کہا ہے کہ ‘‘ مجاز کو ترقی پسند بھیڑئیے اٹھا لے گئے ’’ اگر مجاز اپنے ڈگر پر قائم رہتے تو ان کی شاعری رجحان ساز شاعری کہلاتی مگر شوسلسٹ اور کمیونسٹ نظریات نے ان کی شاعری پر منفی اثر ڈالا ۔ آب اسی نظم کو دیکھں جو منظور قاضی صاحب نے اس بلاگ پر لکھی ہے۔ پندرہ بند کی اس نظم میں ابتدائی بندوں میں جو جو شاعرانہ حسن اور کیفیت ہے وہ آکر تک آتے آتے دم توڑ دیتی ہے اور جس انداز سے اپنی جھنجھلاہٹ کا اظہار شاعر کرتا ہے کہ :
بڑھ کے اس اِندر سبھا کا ساز وساماں پھونک دوں
اس کا گلشن پھونکدوں اس کا شبستاں پھونک دوں
تختِ سلطاں کیا ، میں سار ا قصرِ سلطاں پھونک دوں
یہ اظہار شاعرانہ اظہار نہیں ہے اس ، لیکن نظم کے ابتادئی بندوں میں جو اظہار ہے وہ خالص شاعرانہ ہے ۔ مجاز کی خوبی تو یہی ہے کہ انھوں نے نظم کو داخلی اظہار کے نقطہ نظر سے غزل سے قریب تر کر دیا میں ۱۹۳۳ کے بعد کی شاعری میں جو لہجے میں تبدیلی آئی اس نے مجاز کے شاعرانہ حسن کو نقصان پہنچایا ہے ۔
جی میںنے اپنی تحریر میںیہ جملہ ادھورا لکھا تھا ۔ اثر لکھنوی کا پور اجملہ یوںہے :
’’ اردو شاعری میں ایک کیٹس پیدا ہوا تھا جسے ترقی پسند بھیڑ ئیے اٹھا لے گئے ۔’’
ماشا اللہ ڈاکڑ خواجہ اکرام صاحب نے مجاز پر اتنا حقیقت پسندانہ تبصرہ لکھ کر اس بلاگ کی افادیت میں اضافہ کردیا : شکریہ ۔
۔۔۔۔۔
امین ترمذی صاحب کا تبصرہ اور آپ کا یہ تبصرہ اس بلاگ کی جان ہیں۔ اردو کے طلبا اور طالبات اس بلاگ سے مجاز کو اچھی طرح سمجھ سکتے (سکتی ) ہیں۔
۔۔۔۔
ڈاکٹر خواجہ اکرام صاحب اسی طرح میرے دوسرے بلاگ جو ساحر لدھیانوی کی زندگی اور اسکی شاعری پر ہے اس میں بھی اپنا تبصرہ شامل کردیں تو ساحر کا بلا گ بھی معلومات کا خزانہ بن جاے گا۔ اس بلاگ میں میں نے یہ سوال سب سے پوچھا تھا کہ ساحر نے اپنے کلام میں اپنا تخلص کیوں استعما ل نہیں کیا ؟
وہ بلاگ اس سوال کے جواب کا منتظر ہے۔
فقط:
منظور قاضی از جرمنی
قاضی صاحب سلام مسنون
جی میںساحر پر بھی انشا ء اللہ ضرور لکھوںگا ۔ کل کچھ مصروفیات تھیں، لیکن آپ کا پیار بھر امیل دیکھ کر میںنے ایک تبصرہ آپ کی دعاوں کی طلب کے لیے لکھ بھیجا ۔ آج انشا ء اللہ ساحر پر بھی لکھوںگا ۔
ڈاکٹر خواجہ اکرام صاحب: مہربانی ، شکریہ ، عنایت کہ آپ نے مجاز پر بھی قلم اٹھایا اور ساحر پر بھی لکھنے کا وعدہ کیا ۔
علم کے فیض سے کم علم انسان اسی وقت فائدہ اٹھا سکتا ہے جب عالِم اپنے علم کو عالَم میں تقسیم کرتا رہے ۔
خیر اندیش:
منظور قاضی از جرمنی
یہ بلا گ اب ختم ہونے کو ہے مگر اس کے اور ساحر کے بلا گ کے خاتمہ سے پہلے اس بات پر غور کرنا ضروری ہے کہ مجاز اور ساحر اور کیفی اعظمی اور علی سردار جعفری جیسے ترقی پسند شعرا جو اپنے کلام میں سرخ سویرا اور مزدوروں اور کسانوں اور غریبوں کی حالت بہتر بنانے کے نغمے اور ترانے لکھتے تھے ، ان سب کے جانے کے بعد ترقی پسند ادب اور شاعری کا خاتمہ کیوں ہوگیا ؟ ان جوشیلے شعرا کے جانشین اردو زبان میں اور خاص طور پر ہندوستان میں اب تک کیوں نہیں پیدا ہوئے ؟
بھارت کے موجودہ شعرا کے کلام میں بھارت کے سماجی اور سیاسی اور معاشی خرابیوں پر تنقید اور ایک بہتر صبح کے طلوع ہونے کے پیامات کیوں نہیں ہیں؟
کیا مسائل ختم ہوگئے ؟ کیا مزدوروں اور کسانوں کا سرمایہ داروں کے ذریعہ استحصال کا مسئلہ ختم ہوگیا ؟ کیا مزدور اور کسان آ ج کل بھارت میں بے بسی اور پریشانی اور بد حالی سے تنگ آکر خود کشی نہیں کررہے ہیں؟
کیا شعرا روایتی شاعری کی طرف توجہ زیادہ اور غمِ دوارں کے معاملات سے بے خبر اور بے نیاز ہوگئے ہیں؟
یا یہ کہ نئے نسل کو اردو زبان پر اتناعبور نہیں جتنا کہ ساحر اور مجاز اور کیفی اور علی سردار جعفری کو تھا۔؟
پاکستان میں تو فیض ، جالب اور فراز تھے جو انقلابی ، احتجاجی اور مزاہمتی شاعری کیا کرتے تھے مگر ان کے جانے کے بعد اب ان جیسے شعرا پاکستان میں نہیں ہیں جو مزدوروں اور کسانوں اور غریبوں کے مسائل اور پاکستان کے عوام کو بہتر بنانے والے سویرے کے آنے کا پیغام دیں۔
فقط :
منظور قاضی از جرمنی
جناب حیدر طبا طبائی صاحب کا ایک مضمون اس عالمی اخبار کے صفحہ اول پر موجود ہے جس میں انکا یہ جملہ اسرا ر الحق مجاز کے متعلق موجود ہے:
“اسرارالحق مجاز جو مسلم لیگی تھے اور فوراً پاکستان چلے گئے جہاں جاکر ترانۂ پاکستان لکھا لیکن منظور حفیظ جالندھری کا ہوا۔ پھر شراب بھی نہ ملی تو خاموشی سے پھر لکھنؤ چلے آئے۔”
چونکہ یہ بلا گ مجاز پر ہے اس لیے میں حیدر طبا طبائی کے اس جملہ کو اس بلاگ میں منتقل کردیا ہوں۔
مجھے اب تک یہ علم نہیں تھاکہ مجاز کبھی پاکستان بھی آئے تھے۔ ہاں ساحر لدھیانوی پاکستان آکر انڈیا چلے گئے اس کے متعلق تو سب کو معلوم ہے ۔
بہر حال مجاز کی پاکستان میں آمد اور پھر ہندوستان واپسی میرے لیے ایک نیا انکشاف ہے۔
مجاز کا ترانہء پاکستان اس کی کتاب آہنگ میں موجود ہے اس ترانہء کو میں اس بلاگ کی تمہید میں پیش کردیا ہوں ۔
اسلام علیکم۔!
امین ترمزی صاحب، آپ نے اپنے ایک تبصرے میں اک کتاب بنام “صفیہ کے خطوط جانثار اختر کے نام” کا ذکر کیا ہے۔ میں بہت عرصے سے اس کتاب کی تلاش میں ہوں۔ بہت تلاش کے بعد مجھے معلوم ہوا تھا کے بہت عرصہ ہوا انڈیا میں یہ کتاب “زیر لب” کے نام سے شایع ہوی تھی۔ پاکستان میں اس کا نام اور ناشران کا پتہ نہں چل سکا۔ مہربانی فرما کر مجھے کتاب کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کر دیں۔
مشکور قبل از عناعت۔ محمد حسان رضا
جناب منظور قاضی صاحب کو مبارکباد کہ اتنا اچھا بلاگ ترتیب دیا اور مجاز سے محبت کرنے والوں کے لئے ایک بہت ہی دلچسپ سلسلسہ شروع کیا۔
محمد حسن رضا صاحب کے جواب میں عرض کرتا چلون کہ مرحومہ صفیہ اختر کے خطوط جو انہوں نے اپنے شوہر جانثار اختر کے نام لکھے تھے، وہ کتابی شکل میں شایع ہوئے تھے۔ رودولی کے صاحبان قلم میں کچھ خواتین کے نام بھی آتے ہیں ۔ ان میں سے ایک صفیہ اختر بھی ہیں، اور انکے وہ خطوط اردو ادب میں اپنا مقام آپ رکھتے ہیں۔ کتاب جو شایع ہوئی تھی اسکا عنوان زیرِ لب ہے۔ معلوم یہ ہوتا ہے کہ اسکا کوئی دوسرا ایڈیشن شایع نہیں ہوا۔ کچھ لوگوں کے ذاتی ذکیرہ کتب میں وہ کتاب موجود ہے۔
کل ا تفاق سے میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے کی لائبریری میں کتابیں دیکھ رہا تھا۔ وہاں اردو کے سیکشن میں یہ کتاب زیرِ لب بھی نظر آئی۔
مجاز کی کچھ نظموں کو میں نے انگریزی ازبان میں منتقل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انشا اللہ آئیندہ کسی وقت پیش کرویگا۔
شکریہ۔
سید محسن نقوی۔
پرنسٹن، نیو جرسی، امریکا۔ فی الوقت کیلیفورنیا میں
۲۲ جولائی ۲۰۱۲ عیسوی
میں جناب سید محسن نقوی صاحب کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے میرے اس بلاگ کو: جسےمیں مجاز کی شخصیت اور اسکی شاعری پر آج سے تین سال قبل ترتیب دیا تھا ، ڈھونڈ نکالا اور اس میں اسرار الحق مجاز کی بہن صفیہ اختر کی کتاب ”زیر لب” کو یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں موجود پانےکی بات کا تذکرہ اس بلاگ مین عطا کیا۔
خدا کا شکر ہے کہ میری اس تحقیقی کاوش کی پذیرائی ابھی تک ہورہی ہے : میں اس ثواب ۔ جاریہ کے لیے عالمی اخبار کی انتظامیہ کا شکر گذار ہوں کہ اس نے میرے اس بلاگ کو انٹرنیٹ کے ذخیرے میں ہمیشہ کےلیے محفوظ کردیا تاکہ ادب اور شاعری کےشیدائی اس بلاگ کی مشمولات سے مستفید ہوسکیں۔
فقط:
منظور قاضی از میونخ جرمنی
تمام علمی تبصروں کو پڑھ کر بہت خوشی ہوئی۔
صفیہ کے خطوط ”زیر لب” اور جانثار کے خطوط ”خاموش آواز” کے نام سے ہندوستان میں مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی بھوپال نے شائع کیا تھا۔ پاکستان میں ”زیر لب” دوبارہ شائع ہوئی ہے مگر افسوس مکتبے کا نام یاد نہیں رہا۔
اسرار الحق مجاز پر ایک مضمون تقریبا آٹھ یا دس قسطو ں میں شائع ہوا تھا دیوانہ مرگیا کے نام سے۔ اس بارے میں اگر کوئی جانکاری کو ضرور مطلع کریں۔ باقی مجاز پر ہندوستان میں تقریبا بیسیوں کتابیں لکھی جاچکی ہیں جن میں ایک تفصیلی ناول ”غم دل وحشت دل” بھی ہے۔
عبدالقدیر عاصم خان بلرامپوری
میں محترم عبدالقدیر عاصم خاں بلرام پوری صاحب کا شکر گذار ہو ں کے انہوں نےمیرے اس بلاگ کو جو آج سے پانچ سال قبل عالمی اخبار میں شایع ہوا تھا، ڈھونڈ نکالا اور اپنے تبصرےسےنوازا: ۔
اس بلاگ میں مجاز پر بہت کچھ لکھا جاسکتا ہے۔
اگر کوئی صاحب یا صاحبہ اس بلاگ میں مجاز کی شخصیت اور اس کی شاعری پر مزید کچھ لکھنا چاہیں تو ضرور لکھیں تاکہ اس بلا گ کی افادیت میں اضافہ ہو۔
فقط :
منظور قاضی از جرمنی
السلام علیکم!اپنے تحقیقی کام کے دوران اسرار الحق مجاز کا کلام ادبیات اردو کی بہت قیمتی ویب سائیٹ ریختہ پر پڑھا۔واللہ باللہ میں اب تک ایک ایسے شاعر کے کلام زریں بیان سے غافل رہا جو کبھی طلعت محمود کے وردزباں رہاتھااور کبھی محمد رفیع جیسے عظیم صداکار کے نطق سے آبشارکی مانندپھوٹاتھا۔آپ نے یہ خصوصی بلاگ تخلیق کرکے روح مجاز پر ایصال ثواب کا وہ دروا کیا ہے کہ ہمیشہ پرستاران مجاز کا مرجع خاص رہیگا۔اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے ،مجاز کا کلام میرا جی خوش کرگیا ، میری روح کو مسرور اور وجدان میں رنگ بھر گیا۔ مکرر شکریہ ۔ شکیل احمد خان
میں محترم پروفیسر شکیل احمد خان صاحب کا شکر گذار ہوں کے انہوں نے میرے اس بلاگ کی انتہائیی پر خلوص انداز میں پذیرائی کی اور اسے “روح مجاز پر ایصال ۔ ثواب ” کا در وا کرنے کے مترادف سمجھا ۔جزاک اللہ ،
میں اپنی کم علمی کا اعتراف کرتے ہوئے مجاز کے تمام شیدائیوںسے درخواست کرونگا کے وہ اس بلاگ کی افادیت میں اضافہ کرنے کی خاطر مجاز کی شخصیت اور اسکی شاعری کے ساتھ ساتھ اسکی شاعری کے محرکات پر اس بلا گ میں اپنی تحقیق کی بنیاد پر اضافہ کرتے رہیں۔ تاکہ مجاز کی روح خوش ہوجائے ۔
فقط:
منظور قاضی
از میونخ ،جرمنی
اسرار الحق مجاز بھی کیا عجب شاعر تھا،مجسم شعر اور مکمل دیوان۔عشق کے جلے اور محبت کے ستائے ہوئے اُس کے کلام کے عام ہونے سے پہلے اپنے دل کے داغوں کو دنیا سے چھپاتے تھے مگر اب وہی نشان ان کے لیے تمغہ ہاے بسالت سے کم نہیںہیں۔ایک الگ ہی فخر ہے کہ روئے عُشاق سےظاہر ہے اور ایک عجب ہی طنطنہ ہے کہ اہلِ محبت کی اداؤں سے مترشح ہے۔
میں نے مجاز کی غزلوں کی زمینوں پرمبنی فلمی قوالیاں اور نغمات بگوشِ دل سنے ہیں اور روح کی گہرائیوں سے اُنھیں داد بھی دی ہے۔زندگی کی تمامتر توانائیوں سے بھرپور عہد رفتہ کے وہ گیت مجاز کے رہینِ منت تھے یہ مجھ پر اب آشکار ہوا ہے تو میرے دل میں اُس کی عظمت دوگونہ ہوگئی ہے اور جی میں ٹھان لیا ہے کہ بشرطِ حیات بالضرور مجاز کے کلام کا اِس پہلو سے جائزہ لوں گا کہ کون کون سے شہر ہ آفاق گیت ہیں جن کی بحریں اور زمینیں کلامِ مجاز سے ماخوذ و مستعار ہیں،اور کن کن شعرائے کرام نے اَن گیتوں کی ترقیم کے لیے فکرِمجاز کے سدابہار دبستاں سے خوشہ چینی کی ہےاور اَس تحقیق کا حاصل مِن و عَن آپ کی نذر کروں گا۔انشاء اللہ !
محترم قاضی صاحب میں آپ کا ممنون ہوں کہ آپ نے مجھ ناچیز کو بطفیلِ حضرت مجاز اَس مؤقر ومؤثر بلاگ میںشرفِ پذیرائی بخشا اور میرے مجہول و ہیچ میچ تبصرے کو بھی اَس گرانقدر بلاگ پر چسپیدگی کا اعزاز عطاکیا ۔خدا اَس بلاگ کو قائم رکھے اور مجاز کے فن وہنر پر جاری تحقیقات کو دوام بخشے۔ آمین شکیل احمد خان
محترم جناب منظور قاضی صاحب !
السلام علیکم !
آپ سے درخواست ہے کہ اسرارالحق مجاز کا دیوان جو پہلے پہل1938ء ”آہنگ “کے عنوان سے شائع ہوا تھا۔دوسری بار ”شب تاب “اور تیسری بار ”سازِ نو“کے عنوان سے طبع شدہ ہے ، کی ایک پی ڈی ایف کاپی اَس بلاگ میں جو خاص مجاز سے موسوم ہے ،مہیافرمادیں یا اُس ویب سائیٹ کا لنک یہاں فراہم کردیں جہاں سے اِس شاعرِخوش نواکا کلامِ دلربا بآسانی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے۔یہ مجاز کے چاہنے والوں اور اُس کے فن و ہنر کے پرستاروں کے لیے آپ کی جانب سے ایک بیش قدر تحفہ اور گراں بہا سہولت ہوگی جس کے لیے ہر دل آپ کے حق میں دعا گو اور شکر و سپاس کے جذبات سے معمور رہے گا ۔ شکیل احمد خان
محترم پروفیسر شکیل احمد خاں صاحب: :آپ کا شکر گذار ہوں کے آپ نے مجھے اتنی اہمیت اور عزت دی ۔ شکریہ ۔ اپ کی اطلا ع کے لیے عرض ھے کے میں جرمنی کے غیر اردو ماحول میں رہتا ہوں ؛ میرے اطراف نہ کوئی اردو کا دارالمطالعہ ھے اور نہ کوئ اردو کا کوئی کتاب گھر ہے جہاں سے میں مجاز کی شب تاب یا ساز ۔ نو خرید سکوں۔ ۔ میںکمپیوٹر کی فنی باریکیوں سے بھی پوری طرح واقف نہیں کے ان کتابوں کو کمپیوٹر پر ڈاون لوڈ کرسکوں۔ کاش کے میںایسا کرسکتا تاکہ اس بلاگ کی علمی افادیت میںمزید اضافہ ہوجاتا ۔
اپ کی تحاریر سے مجھے یہ یقین ہوگیا ھے کے آپ بھی مجااز کے کلام کے شیدائیوں میں سے ہیں۔ اگر آپ ہی اس بلا گ کو اپنا بلاگ سمجھ کر اس کی نظامت کی ذمہ داری سنبھال لیں تو نہ صرف مجھ پر بلکہ مجاز پر بھی بہت بڑا احسان ہوگا۔
میں اس سے زیادہ اب اس بلاگ کے لیے کچھ نہیں کرسکتا جس کا مجھےبے حد افسوس ھے۔
اپنی دعاوں میںاس دور افتادہ کو شامل رکھیے۔
شکریہ:
فقط
منظور قاضی
از میونخ جرمنی
مجاز کی بھن حمیدہ کی کتب (ہم ساتھ تھے اور گردش دوراں کی مجھے اشد ضرورت ہے ۔ پاکستان میں نہیں مل رہی ۔انڈیا سے کوئ دوست سکین کر کے یا پی ڈی ایف میں سنڈ کرے ۔ میں صفیہ اختر پر ریسرچ کر رہا ھوں اس لئے مجھے ان کتابوں کی ضرورت ہے ۔شکریہ alimuhammad061@gmail.com پر بھیجئے اگر کسی کے پاس ہوں تو۔۔۔۔۔
اور جان نثار اختر کی کتاب ” خاموش آواز” کی بھی بھت ضرورت ہے
محترم علی محمد صاحب: شکریہ کہ اپ نے میرا یہ چند سال پرانا بلاگ ڈھونڈ نکا لا اور اس میں مجاز کی بہن حمیدہ کی تصانیف” ھم ساتھ تھے ” اور “گردش – دوراں ” ا ور ساتھ ھی ساتھ جان نثار اختر کے تصنیف ” خاموش آواز ” کی وصولی کی خواہش ظاہر کی ۔
مجھے امید ھے کے اپ کی یہ خواہش ضرور پوری ھوگی۔
مین چونکہ اب عالمی اخبار مین اپنے بلاگ نہیں لکھ رھا ھوں اس لیے اپ کی مدد سے قاصر ھوں۔
مجاز سے آپ کا لگاو قابل۔ داد ھے:
ھم سب مجاز کے شیدائی ھیں : اللہ اس کے کلام کو حیات۔ دوام عطا کرے آمین
فقط :
منظور قاضی
از میوںخ ۔ جر،نی
پروفیسر شکیل احمد خان صاحب ! آپ نے محترم جناب منظور قاضی صاحب سے ” مجاز” کا کلام مانگا ہے۔ تو جناب میں ایک لینک دے رہا ہوں وہاں آپ مجاز کا کلام پڑھ سکتے ہیں۔ ڈاؤن لوڈ شاید نہ ہوسکے مگر آن لائن پڑھ سکتے ہو۔
شکریہ
https://rekhta.org/ebooks/kulliyat-e-majaz-asrarul-haq-majaz-asrar-ul-haq-majaz-ebooks
برادرم محمد علی صاحب ! لنک منسلک کرنیکا بے حد شکریہ ۔ آپ کے بتائے ہوئے پتے پر بلاشبہ کلامِ مجاز اپنی تمام تررعنائیوں کے ساتھ موجود ہے ۔شروع میں کتاب وا کرنے میںدقت ہوئی اور جب دِل کی لگی نے یہ مرحلہ سر کرلیا تو بے اِختیار قلب و جگر سے واہ واہ کا شور بلند ہوا ۔ دیوانہ وار بلکہ مستانہ وار مطالعہ شروع کیااور جب اکیسویں صفحے پر پہنچا تو آپ کی اِس کرم نوازی کا خیال آیا اور آگے بڑھنے سے پہلے واپس ہوا اور دوبارہ وہاںپہنچا جہاں سے یہ گوہرِ مراد ہاتھ آیا تھا۔ہاتھ ماتھے پر لے گیا اور ادب سے آپ کو سیلیوٹ بجالایا ۔آپ میرے اِس معتقدانہ عمل کے ناظر نہیں مگر شکر و سپاس کے اِن الفاظ کے شاہد ضرور ہیں چنانچہ اِس عنایتِ بے پایاں کے لیے دل کی گہرائیوںسے شکریہ قبول فرمائیں ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو خوش و خرم رکھے ، آمین ۔ شکیل احمد خان
مجاز کی شاعری پر اچھے تبصرے کئے گئے ہیں اور ساتھ ہی جو تاثرات بیان کئے گئے ہیں وہ بھی قابلِ قدر ہیں