کوئی پانچ برس بھی نہ گذرے ہونگے کہ ہمارے گاؤں میں “الف” نے اپنی بیوی پر یہ الزام لگا کر کہ اس کے ناجائز تعلقات “ب” سے ہیں، فیصلہ بلالیا. فیصلہ ہؤا اور “ب” پر دو ایکڑ جرمانہ عائد ہؤا، لڑکی کی طلاق ہوئی اور اس کی شادی دو سو میل دور ایک گاؤں میں کرادی گئی. وہ آج تک اپنے گھر واپس نہیں آئی، یہ اس کی سزا تجویز کی گئی تھی، اس کے سابقہ شوہر کو دو ایکڑ زرعی زمیں جس کی مالیت سکہ رائج الوقت چھ لاکھ بنتی تھی ملی. اس نے دوسری شادی کی وہ آج بڑی بے حیائی سے جی رہا ہے.
مندرجہ بالا فیصلہ میں کوئی ثبوت نہیں مانگا گیا کہ “الف” نے اپنی بیوی پر اگر یہ گھناؤنہ الزام لگایا تو کس نے دیکھا؟
کوئی اور کیا بولے گا!…… کہا یہ جاتا ہے کہ اگر شوہر اپنی بیوی پر اس طرح کا الزام لگاتا ہے تو ایسا یقینی طور پر ہؤا ہوگا، ورنہ کون بیغیرت شوہر اپنی بیوی پر اس طرح کا الزام لگاتا ہے!
کیونکہ یہ ہماری غیرت کا معاملہ ہے اس لیے غیرت پر کوئی ثبوت نہیں مانگا جاتا! آج تک یہ بات کبھی بھی نہیں دیکھی جاتی کہ الزام لگانے والا واقعی کتنا غیرتمند ہوتا ہے! جب اس کی بیوی سر درد سے گھر میں مر رہی ہوتی ہے تو کیا کبھی اس کے شوہر نے دو گولی ڈسپرین لا کر اسے کھلائی تھی! کبھی ایک منٹ اس کے پاس بیٹھا تھا، دو منٹ کبھی اس کا سر دبایا تھا! کبھی نہیں. کیونکہ غیرت کا تعلق صرف عورت پر ہی ہوتا ہے. اور مرد کو ہی صرف غیرت کرنی آتی ہے! کیونکہ یہ ہماری مردانی غیرت کا معاملہ ہے!
ہم انسانی حقوق میں عورتوں کے حقوق کو جدا کرنے پر اگر غصہ بھی کھائیں تو بھی خیر ہے. آج تک کبھی بھی کسی نے اس بات پر آواز نہیں اٹھائی ہے کہ کیا عورتیں انسان نہیں ہوتی؟
کہ ان کے لیے جدا امتیازی قانون بنائے جاتے ہیں! یہ مردم سماج عورت کو حق دے نہ دے لیکن ہمارا ضمیر اگر جاگ رہا ہے تو کراہ ضرور رہا ہے! یہ کونسی غیرت ہے؟ یہ کہاں کا انصاف ہے؟
ٹھیک اسی جنگل کے قانون کی طرح سن دو ہزار پانچ میں فیصل آباد کے نواحی قصبے سانگلہ ہل میں جہاں نوے فیصد مسلمان اور دس فیصد عیسائی رہتے ہیں، یوسف مسیح نامی ایک شخص نے جب جوئے میں دو مسلمان بھائیوں سے ٹھیک ٹھاک رقم جیت لی تھی تب ان ہارے ہوئے مسلمان بھائیوں میں سے ایک نے دوسرے دن مقامی جلد ساز کے پاس قرآن پاک کا خستہ حال نسخہ لے کر پہنچا اور کہا کہ یوسف مسیح نے اس کی بے حرمتی کی ہے۔ مقامی مسجد سے اعلان ہوا کہ یوسف مسیح نامی ایک شخص نے قرآن کے صفحات جلائے ہیں۔ یہ سنتے ہی تقریباً ڈیڑھ ہزار افراد جمع ہوگئے۔ ایک درجن گھر، پانچ گرجے، تین سکول، ایک کانونٹ اور ایک ڈسپنسری تباہ ہوگئی۔ یہ سب بغیر کسی ثبوت کے دیکھے پیش ہؤا.
ایسے موقعہ پر واقعی کون یہ دیکھتا ہے کہ ایسا ہؤا بھی تھا یا نہیں! کیونکہ یہ ہماری غیرت کا معاملہ ہے!
پھر ہؤا یوں کہ تین ماہ بعد لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی ایک عدالت نے یوسف مسیح کو ناکافی ثبوت کی بنیاد پر بری کردیا۔ معاملہ ابھی ٹھنڈا نہیں ہؤا، اور یوسف مسیح کی زندگی باہر نکلنے کے بعد بھی محفوظ نہ تھی. اس کا سیاسی آشلم ہؤا. کسی مسلمان بھائی نے اپنے مسلمان بھائیوں سے یہ نہ پوچھا کہ وہ جؤا کیوں کھیلے؟ لہٰذا اس کیس کو بھی خاموشی میں بدل دیا گیا!
کیونکہ یہ ہماری غیرت کا معاملہ ہے!
اسی طرح سنیچر کے دن (یکم اگست) صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد کی تحصیل گوجرہ میں مسلم عیسائی فساد میں کم از کم چھ عیسائی ہلاک اور بیس کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں. اب تک یہ اطلاع ہے کہ کوئی چالیس تک گھر جلائے گئے ہیں. مرنے والوں میں تین خواتین اور دو معصوم بچے بتائے جا رہے ہیں!
ریسکیو عملہ جلائے ہوئے گھروں سے چھان بین کر رہے ہیں، اور یہ خدشہ بتایا جا رہا ہے کہ مزید لاشیں بر آمد ہوسکتی ہیں!
کہا یہ جاتا ہے کہ قرآن کی مبینہ بےحرمتی کے واقعہ پر سنیچر کو گوجرہ شہر میں ہڑتال کی گئی اور ایک جلوس نکالا گیا جس کے دوران مسلم عیسائی فساد شروع ہوگیا۔ وزیرٍ بلدیات پنجاب دوست محمد کھوسہ صاحب نے مزید بتایا کہ جب مظاہرین کا جلوس ریلوے لائن کے پاس عیسائی آبادی کی بستی کے سامنے سے گزرا تو مبینہ طور پر آبادی کی طرف سے یہ سوچ کر جلوس پر فائرنگ کی گئی کہ جلوس کے شرکاء بستی پر حملہ کرنے والے ہیں۔
حیرت کی انتہا ہوئی کہ ان کے کہنے کے مطابق، پہلے فائرنگ مسیحی بستی سے شروع ہوئی، اور وہ بھی اس ڈر سے کہ مظاہرین کہیں ان کے گھر نہ جلائیں! لیکن ابھی تک جو مقتولین بتائے جاتے ہیں ان میں سب مسیحی ہی ہیں!
واقعہ اگر یونہی ہے جو بتایا جا رہا ہے تو لگتا ہے کہ بندوقیں یا رائفلیں مسیحیوں کے پاس ہی تھیں اور انہوں نے خود اپنے آپ کو ہی گولیاں داغی تھیں! جن سے یہ قتل غارتگیری ہوئی!
انہوں نے اپنے گھر خود آپ ہی جلائے تھے، ہمارے مسلمان بھائی تو پر امن جلوس نکال کر احتجاج کر رہے تھے کہ کیوں عیسائی برادری کی ایک شادی کے دوران قرآن کی بے حرمتی کی گئی؟
اس بات کا کوئی ثبوت نہیں دیکھا جائے گا کہ وہ مبینہ بے حرمتی کس نےکی؟ کیوں کی؟ مسجد کے پیش امام اگر اس بات کو تمام اسلام کے لیے خطرے کا الارم سمجھا رہے ہیں تو کوئی بھی اس امام سے یہ نہیں پوچھے گا کہ میاں کیا ہے ثبوت؟
ثبوت ہمارے ہاں کہاں مانگا جاتا ہے؟
ایک چار سو بیسی آدمی، اپنی معصوم بیوی کو رسوا کرکے خود راتوں رات چھ لاکھ کا مالک ہوجائے! کیا فرق پڑتا ہے؟
دو معصوم بچے سسکتے جان دیں، تین بے گناہ عورتیں آوارہ گولیوں کا لقمہ بن جائیں! کیا فرق پڑتا ہے؟
درجنوں گھر جلیں، جواری اپنی ہاری ہوئی رقم کا غصہ قرآن پاک کی بے حرمتی والے نام نہاد ہتھکنڈے کو استعمال کرکے اقلیتوں کو قتل کریں! کیا فرق پڑتا ہے؟
کیونکہ یہ ہماری غیرت کا معاملہ ہے…

It is our irony,that relgious extermism is skyrocketing in our land pakistan.Islam is name of peace and not violence.But the peoples who follow Islam without thinking and without using their brains are infact detorirating our peaceful society.Let the peoples live freely and let peoples live their lives as they want.PEace peace and peace.
محترم فیاض بھئی ! سلامٌ علیکم
کپڑا بُنتے وقت پہلے لمبائی میں دھاگے تانے جاتے ہیں (جن کی تعداد پر، بُن جانے کے بعد کپڑے کے عرض کا انحصار ہوتا ہے، انہیں تانے کہاجاتا ہے) پھر ان کے درمیان سے ایک چھوڑ ایک پر سے دھاگا گزار کر اس عمل کو دھراتے جاتے ہیں صرف اس فرق سے کہ ہر دفعہ گزارے جانے والا دھاگہ سابقہ گزارے ہوئے دھاگے کے مخالف تانوں کے اوپر اور نیچے سے گزارا جاتا ہے، انہیں بانے کہاجاتا ہے۔ اگر ایک بانا ٹوٹ جائے تو اسے کھینچ کر نکال دیتے ہیں اور اس کی جگہ دوسرا بانا گزار دیا جاتا ہے، لیکن اگر تانا ٹاٹ جائز تو مسئلہ سنجیدہ ہو جاتا ہے اور اکثر اوقات سارے کا سارے بنا ہوا کپڑا ضائع کرنا پڑ جاتا ہے۔
ہمارے وطن میں نہ تو تانا ٹوٹا اور نہ ہی بانا بلکہ سب کچھ ہی توڑ پھوڑ دیا گیا ہے، وہاں کا کیا رونا روئیں جہاں کوئی نظم و نسق ہے ہی نہیں، یہ وہ اندھیر نگری ہے جہاں ایک چوپٹ راجہ جاتا ہے تو اس سے چوپٹ تر دوسرا آجاتا ہے-
ان تمام مسائل کا صرف اور صرف ایک ہی حل ہے اور وہ حقیقی اسلامی نظام کا رائج ہونا ہی ہے، جو بغیر کسی انقلاب کے ممکن نہیں، جو بغیر کسی راہبر کے ممکن نہیں-
فیاض امر۔ بہت اچھا لکھا ہے۔ ہمیں شرم کرنی چاہیئے کہ ہم قرآن،خدا اور رسول کے نام پر اپنے ملک کی اقلیتوں سے کیا سلوک کر رہے ہیں۔ وہ دین اور وہ کتاب جس نے اقلیتوں کے حقوق کو لازم قرار دیا ہے اسی دین اور اسی کتاب کے نام پر کیا کیا کھیل کھیلاجاتا ہے۔ میں اکثر سوچتاہوں کہ صرف قرآن کے نام پر ہم کیسا کیسا انتہائی قدم اٹھا جاتے ہیں۔ واہ رے مولا قرآنِ سامت کا اتنا خیال اور جو کچھ اس قرآن کے اندر لکھا ہے اس کے بارے میں ذرا برابر خیال نہیں۔کسقدر آسان ہو گیا ہے کسی کو بھی کافر اور مرتد قرار دینا۔ ذاتی دشمنی کو بھی قرآن کے کھاتے میں ڈال دو۔وہ قرآن جو انسان کی بے حرمتی کو گناہ کبیرہ قرار دیتا ہے اس قرآن کی مبینہ بے حرمتی پر یہ حال اور انسانوں کے ساتھ ہونے والے اس سفاکانہ اور ظالمانہ رویے کی سزا کیا ہونی چاہیئے۔ یہی وہ ”طالبانہ” فکر ہے جس کے پھیلنے کا خوف ہے۔غیرت کے نام پر قتل کرنے والوں کو غیرت مند کہنا سب سے بڑی بزدلی ہے۔
فیاض بھائی میں اسی مسئلے پر مضمون لکھ ہی رہا تھا کہ آپ نے بر وقت بلاگ لگا دیا۔ پہلی بات تو یہ ہم مسلمان نجانے کس بھیڑ چال کا شکار ہو کر قرآن کی بیحرمتی پر اسقد ربرانگیختہ ہو جاتے ہیں۔ اگر تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو قرآن جلانے کی سزا سب سے پہلے تو ایک ثروت مند مسلمان کو ملنی چاہئے، جسے آج ہم ہر طرح سے متبرک جانتے ہی۔ پھر عیسائیوں یا دیگر غیر مسلموں کا تو حساب ہی الگ ہے۔ سنت محمدی (ص) میں ہر ملت کو سزا اسکے دین پر ملتی ہے نہ کہ ہمارے دین پر۔ اصطاح شیعت میں اسے فرق ملتین کہا جاتا ہے اور ایسی صورت میں ہم ذمیوں پر اسلامی سزا کا اجراء نہیں کر سکتے۔ خاص طور پر عقائد و اصول کے معاملے میں جبر روا ہی نہیں ہے۔ تاہم اگر کوئی مسلمان قرآن جلائے تو اسکی سزا سخت ترین ممکن ہے، لیکن ہم تو خود کو ہر قید و بند سے مبرا جانتے ہیں۔ قرآن کو تا ہم محض ایک جذباتی لگاؤ کی خاطر استعمال کرتے ہیں، ورنہ اس کے اندر لکھے قوانین سے ہمیں کیا لینا دینا۔ آغا جی نے کیا درست کہا کہ ہم سامت قرآن کے محافظ ہیں اور اسکے اندر لکھے سے بے نیاز ہیں۔۔۔۔۔ہم سامت قرآن کو طاق میں رکھا سامت ہی دیکھنا چاہتے ہیں۔ جب جی چاہا جلا لیا، اور جب چاہا نیزوں پر اٹھا لیا۔
فیصل آباد کے واقعات محض فیصل آباد کے واقعات نہیں ہیں۔ اب دنیا کی مثال ایک گاؤں کی سی ہے جہاں ہر بات کا اثر ایک دوسرے پر پڑتا ہے۔ جب سے یہ فیصل آباد والا واقعہ ہوا ہے، میں یہ سوچنے میں گم ہوں کہ آخر یہ واقعہ شروع کیسے ہوا؟ اسکے محرکات کون تھے ؟ عوام کالانعام تو بہت جلد آلہ کار بن جاتے ہیں، ان کا کیا سوچنا۔ لیکن مؤمن کو تو آنکھ کان اور دل کھلے رکھنے کی ہدایت ہے۔ کسی شور اور غلغلے سے اثر لینے کی بجائے ہمیں عقلمندی سے بات کا تجزیہ کر کے اس پر رد عمل کرنا چاہئے تھا۔ پاکستان میں بیٹھے کسی شخص نے یہ نہ سوچا کہ کتنے ہی مسلمان اپنی بہن بیٹیوں کے ساتھ مغرب میں امن کی زندگی رہ رہے ہیں۔ اگر اس بات کا ذرہ بھر بھی رد عمل کہیں اس طرف ہو جائے تو کیا کوئی یہاں کے مسلمین کے درد کا مداوا بھی کر پائے گا۔ اوروں کا تو پتہ نہیں، لکن میں تو دو دن سے سخت بے چینی کا شکار ہوں۔ ایک طرف ان گناہوں پر کئے گئے مظالم کا قلق ہے تو دوسری جانب یہ خوف کھائے جاتا ہے کہ اگر میرا دروازہ رات ایک بجے کھٹکے اور کھولنے پر دو چار لوگ گوجرہ کا بدلہ میرے گھر سے لینے کو کھرڑے ہوں؟
دیکھیں یہ واقعات یکدم نہیں ہوا کرتے۔ ان کے پیچھے آج کے دور میں صرف ہارے ہوئے ہی جواری ہی نہیں، بلکہ جیتے ہوئے جواری بھی ممکن ہوتے ہیں۔ جو لوگ اپنی عوام کو کھل کر نہیں کہ سکتے کہ مسلمانوں پر دھاوا بول دو، وہ کم از کم اس طرح اپنی سادہ عوام کو خود سوچنے اور عمل کرنے کا موقع تو دے سکتے ہیں ناں۔۔۔۔۔
پچھلے دنوں آسٹریلیا میں ہندوستانیوں کے خلاف شدت نفرت کے چند مظاہرات دیکھنے کو ملے۔ ان کا سبب صرف رنگ و نسل کا فرق نہیں بلکہ آج کا پیدا کردہ کریڈٹ کرنچ ہے۔ ہوتا کیا ہے کہ مثال کے طور پر پردیس کی مجبوریوں کے سبب ہندوستانی طلباء کم اجرت پر زیادہ مزدوری کر کے دکھا دیتے ہیں، تا کہ مالک خوش رہے اور نوکری بھی پکی رہے۔ نتیجتا اجیر حضرات نے گوروں اور چینیوں کے مقبلے میں ہندوستانیوں کو ترجیح دینا شروع کر دی۔ کریڈٹ کرنچ میں جب دفتروں سے فالتو عملے کی فراغت کا وقت آیا تو بجائے کالے کلوٹے لوگوں کے، خدا حافظی کا رقعہ گورے نوکروں کے ہاتھ میں تھما دیا گیا۔ ہوتے ہوتے چند دنوں میں یہ محسوس ہونے لگا کہ ہر جگہ ہر کہیں ہندوستانی غالب آ رہے ہیں۔ اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ ہندوستانیوں کے غلبے کا سبب محض کم اجرت پر زیادہ وقت گزاری ہے، ورنہ قابلیت کے میدان میں شاید دوسرے ان سے کم نہ ہونگے۔ اگلا نتیجہ اب برآمد یہ ہو رہا ہے کہ نوکریوں میں کمی کے سبب غیر ملکی ویزے کم کئے جا رہے ہیں اور خاص طور پر پیشہ ور ویزے ۔ جو طلباء یہیں پڑھ کر کوئی پیشہ اختیار کر چکے ہیں، اب نکی دو سال کی محنت کارت کہ ان کے ویزے کے لئے نمبر کم پڑ گئے۔ ۔۔۔خیر یہ ایک الگ سے طولانی بحث ہے۔
بہر کیف بات کا مدعا یہ تھا کہ اس سبب سے کالی کھال کے خلاف نفرت کا ایک بیج پہلے ہی نمو پا رہا ہے۔ اب اس پر مستزاد اگر مذہب بھی آ گیا، تو اس میں کوئی شک نہیں کہ لوگ اپنے عقائد کو خود اپنے اپنے معبود سے بھی زیادہ عزیز جانتے ہیں۔ معبود اگر کہ بھی دے کہ رک جاؤ تو عقائد کے تحفظ میں لوگ نہیں رکتے۔۔۔یہی وہ جعلی غیرت ہے جس کا آپ نے تذکرہ کیا ہے۔ اسی غیرت کا پہلا مشاہدہ ابلیس نے بارگاہ ایزدی میں کیا تھا اور ہماری اکثریت آج بھی اسی سنت پر کار گر ہے۔
نائن الیون میں پس پردہ کون اس کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئیے، لیکن اس کے دوسرے پہلوکو دیکھیں تو چار ہزار بے خبر و بیگناہ امریکیوں کا خون آج اس ملک کے پنجے دنیا جہاں میں گاڑھنے کا سبب بن گیا۔ امریکا کی عام مسلمانوں سے بے وجہ دشمنی کی بنیاد پڑ گئی اور سلسلہ ء طالبانی جاری ہو گیا۔ ۔۔۔۔ کیا ہی بعید ہو کہ گوجرہ کے بیگناہوں کا خون بھی ایسا ہی رنگ دکھلا دے۔ جس انداز سے قرآن الکریم کا نام لیکر یہ گھناؤنی طالبانی سازش کھیلی گئی ہے، اس سے لگتا ہے کہ اس کے پس پردہ محرکات بھی طالبی خالق کی سوچ سے مستعار ہونگے۔ نجانے وطن عزیز اور اسکے بے عقل و بے لگام شہریوں کے خلاف کیا کیا سازشیں ہو رہی ہیں۔ یہ بھی ایک معجزہ ہی جانیں کہ جس قوم میں نہ قومیت کا عنصر ہے اور نہ کوئی قیادت، پھر بھی دشمنوں کی سازشیں ہیں کہ ناکام ہوئی چلی جاتی ہیں۔ اے کاش کہ یہ قوم عقلمندی کا مظاہرہ کرتی اور بیچارے بیگناہوں کا خون کرنے کی بجائے صبر و تحمل سے معاملے کی تہ میں اترنے کی کوشش کرتی۔ میری نظر میں بالفرض محال اگر کہیں واقعتا ایسا ہو بھی گیا تھا تو بھی قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہ مملکت دیتی ہے نہ شریعت۔ شریعت کی نظر میں ہر شخص خود فیصلے کرنے کا مجاز نہٰیں اور یہی مملکت کا تقاضا ہے۔ اسلامی رواداری کہاں گئی، اسکی خبر تو اب کہیں ملتی ہی نہیں، لیکن اسلامی حمیت کو بھی تماشہ بنا دیا گیا ہے۔ جو کام دشمن کبھی بم دھماکوں کے ہاتھوں کراتا ہے، وہ کبھی ہماری عوام سے بھی کرا دیتا ہے۔
ہم جیسے دل جلے محض نالہ و فغاں کر کے ان گھروں کے جلانے والوں سے اپنا خون ہی کرا سکتے ہیں یا پھر کسی بل میں گھس کر اللہ سے اسکی مدد کے طلبگار رہیں۔ مجھے ڈر ہے کہ ہم ایسوں کی باری جلد آئے گی۔
رب لا تزغ قلوبنا بعد اذ ھدیتنا۔
فیاض امر صاحب بہت ھی اھم مووع آپ نے لکھا ھے میں داد دیتا ھوں سیدمصباح حسین صاحب کو جنھوں نے کھل کر تبصرہ کیا ھے عمومًا جب میں کوئی سچی بات تحریر کرتا ھوں تو وہ دوستوں کو ناگزیر لگتی ھے دیکھیں نا قران پاک اللہ کی جانب سے رہنما کتاب ھے اور ھم نے اس سے رھنمائی کے بجاے اسے صرف چومنے، عدالتوں میں جھٹوی قمموں، اور حق بخشوانے وغیرہ تک مہدود کر رکھا ھے، اس قرآن پاک میں منافقوں سے دور رھنے کو کہا گیا ھے ان منافوں کی اللہ پاک نے نشاندھی بھی کر دی ھے جیسا کہ،
Surah Baqara
وَمِنَ النَّاسِ مَنْ يَقُولُ آمَنَّا بِاللَّهِ وَبِالْيَوْمِ الْآخِرِ وَمَا هُمْ بِمُؤْمِنِينَ [٢:٨] اور بعض لوگ ایسے ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم خدا پر اور روزِ آخرت پر ایمان رکھتے ہیں حالانکہ وہ ایمان نہیں رکھتے
﴿٨﴾
يُخَادِعُونَ اللَّهَ وَالَّذِينَ آمَنُوا وَمَا يَخْدَعُونَ إِلَّا أَنْفُسَهُمْ وَمَا يَشْعُرُونَ [٢:٩] یہ (اپنے پندار میں) خدا کو اور مومنوں کو چکما دیتے ہیں مگر (حقیقت میں) اپنے سوا کسی کو چکما نہیں دیتے اور اس سے بے خبر ہیں
﴿٩﴾
فِي قُلُوبِهِمْ مَرَضٌ فَزَادَهُمُ اللَّهُ مَرَضًا ۖ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ بِمَا كَانُوا يَكْذِبُونَ [٢:١٠] ان کے دلوں میں (کفر کا) مرض تھا۔ خدا نے ان کا مرض اور زیادہ کر دیا اور ان کے جھوٹ بولنے کے سبب ان کو دکھ دینے والا عذاب ہوگا
﴿١٠﴾
وَإِذَا قِيلَ لَهُمْ لَا تُفْسِدُوا فِي الْأَرْضِ قَالُوا إِنَّمَا نَحْنُ مُصْلِحُونَ [٢:١١] اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ زمین میں فساد نہ ڈالو تو کہتے ہیں، ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں
﴿١١﴾
أَلَا إِنَّهُمْ هُمُ الْمُفْسِدُونَ وَلَٰكِنْ لَا يَشْعُرُونَ [٢:١٢] دیکھو یہ بلاشبہ مفسد ہیں، لیکن خبر نہیں رکھتے
﴿١٢﴾
وَإِذَا قِيلَ لَهُمْ آمِنُوا كَمَا آمَنَ النَّاسُ قَالُوا أَنُؤْمِنُ كَمَا آمَنَ السُّفَهَاءُ ۗ أَلَا إِنَّهُمْ هُمُ السُّفَهَاءُ وَلَٰكِنْ لَا يَعْلَمُونَ [٢:١٣] اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ جس طرح اور لوگ ایمان لے آئے، تم بھی ایمان لے آؤ تو کہتے ہیں، بھلا جس طرح بےوقوف ایمان لے آئے ہیں اسی طرح ہم بھی ایمان لے آئیں؟ سن لو کہ یہی بےوقوف ہیں لیکن نہیں جانتے
﴿١٣﴾
وَإِذَا لَقُوا الَّذِينَ آمَنُوا قَالُوا آمَنَّا وَإِذَا خَلَوْا إِلَىٰ شَيَاطِينِهِمْ قَالُوا إِنَّا مَعَكُمْ إِنَّمَا نَحْنُ مُسْتَهْزِئُونَ [٢:١٤] اور یہ لوگ جب مومنوں سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم ایمان لے آئے ہیں، اور جب اپنے شیطانوں میں جاتے ہیں تو (ان سے) کہتے ہیں کہ ہم تمھارے ساتھ ہیں اور (پیروانِ محمدﷺ سے) تو ہم ہنسی کیا کرتے ہیں
﴿١٤﴾
اللَّهُ يَسْتَهْزِئُ بِهِمْ وَيَمُدُّهُمْ فِي طُغْيَانِهِمْ يَعْمَهُونَ [٢:١٥] ان (منافقوں) سے خدا ہنسی کرتا ہے اور انہیں مہلت دیئے جاتا ہے کہ شرارت وسرکشی میں پڑے بہک رہے ہیں
﴿١٥﴾
أُولَٰئِكَ الَّذِينَ اشْتَرَوُا الضَّلَالَةَ بِالْهُدَىٰ فَمَا رَبِحَتْ تِجَارَتُهُمْ وَمَا كَانُوا مُهْتَدِينَ [٢:١٦] یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ہدایت چھوڑ کر گمراہی خریدی، تو نہ تو ان کی تجارت ہی نے کچھ نفع دیا اور نہ وہ ہدایت یاب ہی ہوئے
﴿١٦﴾
اب ھمیں چاھئے کہ کہ ھم ان لوگوں کو پہچان لیں جو ھمارے دین اسلام کو پوری دنیا میں بدنام اور نیچا کرنے پر تلے ھیں قران ھمیں انسانیت کا درس دیتا ھے اور اللہ پاک فرماتے ھیں کہ میں ربّ العالمین ھوں، اللہ کی نظرمیں کیا ھندو، کیا سکھ، کیا عیسائی سارے انسان ایک جیسے ھیں تاھم ایمان والوں کے لئے اجر ھے اگر ھم ان منافقوں کا معاصرہ نہ کریں گے تو ھمارا شمار بھی ان مناقوں میں ھوگا۔
ھمیں چاھیے کہ اسے موقع پر ھم مسع برادری کے زخموں پر مرھم کا سبب بنں اور اس واقع کی بھرپور مزمت کریں۔ ایسا کرنے سے مزید خون خرابے کو روکا جا سکتا ھے۔
اسلام کو بھی اسکے ماننے والوں نے دیگر مذاہب کی طرح، علامات اور رسومات کا مذہب بنا دیا ہے۔ جیسے نادر شاہ نے کہا کہ میں ہوں شمشیر ابن شمشیر ، تو ہم ہیں تقلید ابن تقلید۔ اب مسلمان فوٹو کاپی سے نکلنے والی کاپیاں ہین۔ سوچ، سمجھ سے عاری۔ سارے دن میں گن گن کر دکحاوے کی نیکیوں کے تذکرے کرنے والے۔ جب تحقیق اور عقل استعمال کرنے کا وقت آتا ہے تو گنگ کحڑے ہوجاتے ہیں۔ کسی بھی موقع پرست نے نعرہ لگایا مذہب کے نام کا سب دوڑے جا رہے ہیں ثواب کمانے۔ انہیں نہیں معلوم کہ ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ کتنی سیدھی اور صاف بات ہے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل گوجرہ میں گزشتہ روز مبینہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی جلوس کے دوران عیسائیوں کی ایک بستی کا گھیراو کرکے اس پر پتھراو کرنے کے بعد مکانات کونذر آتش کرنے کے گھناونے واقعے نے پورے ملک میں تشویش کی ایک لہر پیدا کردی ہے،یہ درست ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہمیشہ احترام کی نظر سے دیکھا گیا ہے اورپڑوسی ملک بھارت کے مقابلے میں اقلیتیں پاکستان میں اکثریت کے مقابلے میں زیادہ حقوق حاصل ہیں اور وہ زیادہ آسودہ اور خوشحال ہیں، لیکن حالیہ واقعہ سے جس طرح اس چنگاری کو شعلہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، وہ واقعتا باعث شرم اور تشویش ہے، اطلاعات کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان پہلے چھتوں پر چڑھ کر شدید فائرنگ ہوتی رہی، جس کے بعد مشتعل لوگوں نے دوگرجاگھروں سمیت پوری بستی کو آگ لگانے کی کوشش کی، جس میں8 افراد زندہ جل گئے، جن میں 3خواتین کے ساتھ 2بچے بھی شامل تھے
حقیقت یہ ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے اقلیتوں کے حقوق کا ضامن رہا ہے اور اس طرح کے واقعات پاکستان میں کبھی سننے کو نہیں ملے،ایک ایسے وقت میں جبکہ ملک پہلے ہی اندرونی طور پر دہشتگردی اور بیرونی دباو کا شکار ہے،اس قسم کے مذہبی منافرت پر مبنی واقعات جلتی پر تیل کا کام کریں گے، موجودہ وقت میں ہمیں قومی یکجہتی کی ازحد ضرورت ہے، لسانی اور مذہبی تعصب مضبوط سے مضبوط قوموں کو تاراج کردیتا ہے اور پاکستان میں لوگ مذہبی حوالے سے ہمیشہ صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیتے ہیں، اس سے قبل گوجرانوالہ میں بھی ایک مسجد کے امام کو اسی طرح مار دیا گیا تھا ،بعد میں ثابت ہوا تھا کہ وہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ تھا
قیام پاکستان کے وقت بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کو انکے حقوق کے تحفظ کا یقین دلایا تھا اسکے مطابق پاکستان میں مسلمان اور اقلیتیں شیر و شکر ہیں۔ ملک پر جب بھی کوئی آفت پڑی اقلیتیں مسلمانوں کی طرح امداد و تعاون کیلئے آگے آگے ہوتی ہیں۔ دوسری طرف حکومت اور معاشرے سے بھی غیر مسلموں کو کبھی شکایت نہیں رہی۔ اگر کبھی کہیں کوئی مسئلہ اٹھا بھی تو اسے اچھے طریقے سے سنبھالا گیا۔ آج پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دلانے کی کوششیں ہو رہی ہیں اس میں اگر پاکستان سے مخاصمت رکھنے والے سرفہرست ہیں تو کچھ اپنے بھی انکے ساتھ ملے ہوئے ہیں‘ پاکستان کو بدنام کرنے کا ان کو محض ایک بہانہ چاہیے۔ ایسے میں پاکستانیوں کے اندر اتحاد و یگانگت کی شدید ضرورت ہے نہ کہ گوجرہ جیسے واقعات رونما ہوں۔ جبکہ اس نوعیت کے واقعات کا اس لئے بھی سدباب ضروری ہے کہ مسلم امہ کے درپے نادیدہ قوتیں اس سے فائدہ اٹھاتی ہیں اور ایسے واقعات کو دین اسلام کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ وجہ جو بھی ہو‘ کسی کے بھی خصوصاً اقلیتوں کے گھر جلانا قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔ یہ دشمنی کا شاخسانہ ہے یا کچھ اور ،ریاست موجود ہے قانون موجود ہے کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ مرکزی اور صوبائی حکومت کا فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لینا اطمینان بخش ہے انکوائری کا حکم دیدیا گیا ہے‘ جس کے بعد بدامنی پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے اور اس پہلو کو بھی سامنے رکھنا چاہیے کہ یہ واقعہ ایک سوچی سمجھی سازش کا تیجہ بھی ہوسکتا ہے جس کا مقصد اسلام اور پاکستان کے امیج پر مزید کیچڑ اچھالنا اور اسلام اور پاکستان کو ملزموں کے کٹہرے میں کھڑا کرنا بھی ہوسکتا ہے ایک ایسی سازش کے تانے بانے کہاں تک جاسکتے ہیں اس کو مجھنے کیلئے ہمارا بقراط ہونا ضروری نہیں ہے ۔
قوم کا مطلب ایسے لوگو کا ایک ساتھ ملکر رھنا ھوتا ھے جو مختلف عقائد ، مختلف اخلاق اور مختلف رائے رکھتے ھیں لیکن انہیں ایک ایسا رشتہ آپس میں جوڑے رکھتا ھے جو ان تمام باتوں سے بالاتر ھوتا ھے ۔ کبھی ھم زبان ھونے کی لطافت آپس میں بندھن کی وجہ بن جاتی ھے توکبھی ھم قبیلہ ھونا وجہ رشتہ ھو جاتا ھے ۔۔کہیں نفسانی خواہشیں تو کہیں مادہ پرستی یکجا کر دیتی ھے ۔تاھم اس رشتے میں ایک بات مشترک ملتی ھے اور وہ ھے کسی نہ کسی وجہ سے ایک جیسا ھونا ۔۔یہی ایک جیسا ھونا قوم کی مجموعی پہچان اور مزاج کہلاتا ھے ۔۔
تاریخ میں جتنی بھی قومیں پائی جاتی ھیں وہ اپنے مخصوص مزاج کی وجہ سے پہچانی جاتی ھیں جیسے فرانسیسیوں میں روز اول سے وہی فکر و نظر اور علم و فن کی وسعت پائی جاتی ھے ۔ اسی طرح یونان کی قوم ، خلیفہ راشدین کے دور ،مغلیہ حکومتیں سب اپنے مزاج اور مخصوص طرز فکر سے پہنچانی گئیں ۔۔ یہاں ایک اور بات بھی ھے کہ ھر قوم کی ایک عمر ھوتی ھے ۔۔ سو برس سے ھزاروں برس تک کی کی عمریں قوموں کو نصیب ھوئی ھیں جن میں انہوں نے اپنی مخصوص پہچان بنایئں اور تاریخ میں انمٹ نقش چھوڑ گیئں ۔۔
اسی طرح عربی قوم کو دیکھیئے ۔۔ ظہور اسلام سے تین سو سال پہلے ظہور میں آئی اور انہیں اسی وقت سے اپنے ھونے کا احساس اور غرور تھا ۔ حضور اکرم صلہ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معبوث ھونے کے بعد یہی قوم دنیا پر چھا گئی ۔۔ خلیفہ عباسی کے دور میں ھندوستان سے اندلس تک حکومت کی ۔۔ مغلیہ دور میں مشرق سے مغرب تک مسلمان چھائے رھے ۔۔ پھر تاریخ بتاتی ھے کہ مسلمان قومیں اپنی طویل بیداری سے تنگ آ کر سو گئی ۔۔ ایسے سوئی کہ لوگوں نے ایک معمولی عربی کو اسلام کا نمونہ سمجھ لیا ۔۔۔ اور یوں پوری دنیا میں ایک غلط اسلام کا تصور رائج ھوگیا پر مسلمان سوئے ھی رھے ۔۔ دوسری اقوام میں موجب جگ ھنسائی ھو گئے تب بھی ھنس کر پھر سو رھے ۔۔ اب یوں ھے کہ اسلام صرف یہاں تک رہ گیا کہ قران کو خوبصورت جز دان میں لپیٹ کر چوم کر ماتھے پر لگا کر طاقوں میں سجادیا جائے ۔ شادیوں میں لڑکی رخصتی کے وقت سروں پر برکت لیئے سایہ کر دیا جائے ۔۔ اور کبھی جایئدادوں کے بٹوارے میں لڑکیوں کی شادی کروانے تک رہ گیا ۔۔ اب جو بچا تھا وہ آپس میں لڑوانے کے کام بھی یہی قرآن اور اسلام ھی آ یا ۔۔۔
کچھ اقتباس جو ھمارے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمائے ۔۔۔ اور آیئے مل کر سوچیں کہ اب ھمیں کیاکرنا چاھیئے ۔۔
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اَقلیتوں کو معاشرے میں وہی مقام عطا کیا جو معاشرے کے بنیادی شہریوں کو حاصل ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اَقلیتوں کی جان، مال، عزت، آبرو ناموس حتی کہ ان کے مذہبی حقوق کے تحفظ کو بھی ریاست مدینہ کے آئین کا حصہ بنایا۔
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مومنوں کے حقوق آپس میں برابر اور ان کے ذمہ کی ادائیگی کے لیے ان میں سے جو اَدنیٰ ہیں وہ بھی کوشش کریں۔ کسی غیر مسلم کے بدلے کسی مسلمان کو قتل نہ کیا جائے اور کسی معاہد کو اس کی مدتِ معاہدہ میں قتل نہیں کیا جائے گا۔ غیر مسلموں کے حقوق کی اَہمیت بیان کرتے ہوئے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جن نے کسی معاہد کو قتل کیا وہ جنت کی خوشبو بھی نہیں سونگھے گا حالاں کہ اس کی خوشبو چالیس برس کی مسافت تک محسوس ہوتی ہے۔ گویا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غیر مسلموں کے حقوق کی ادائیگی کے اثرات کے دنیا سے آخرت تک کے احاطے کو بیان فرما دیا۔
کیا ھم مسلمان قوموں کا اب یہی مزاج ھے ۔۔ کہ ۔۔جہاں کہیں بھی ھوں بس سب کو آپس میں لڑواؤ ۔۔ اللہ رسول کے نام پر خون بہاؤ اور خود گھروں میں چین کی نیند سوؤ ۔۔ کیا یہ سچ ھے کہ بے حسی اور بےغیرتی ھی اب مسلمانوں کا انفرادی اور اجتماعی( قومی ) مزاج ھے ۔۔ یہی مسلمانوں کی پہچان ھے ۔۔ سوچتی ھوں کہ ھم جیسی قوموں کی عمریں اتنی طویل کیوں ھوتی ھیں ۔۔
Problem is that the Educated people of our country have always remained quite on these issues when people are killed without being charged. I remember we cried when Mobs killed people in Indian state of Gujrat, of course indiscriminately but now when a similar thing happens at home, how many people have dared to speak out ?
Nothing absolutely nothing will improve until and unless our people stand up and say Enough is Enough, you just can NOT kill anyone, this is not your job, let the Govt and Courts handle these matters.
لیجیئے دوستو اس واقعہ کا پہلا ری ایکشن آج آسٹریلیا میں ھو گیا ھے ۔۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق سڈنی کے علاقے Holsworthy میں فوجی بیرکس ھیں جہاں پر فوجی اپنی جنگی مشقیں کرتے ھیں ۔۔۔ آج کچھ Terriorst پکڑے گئے ھیں جو خود کو صومالین مسلم بتاتے ھیں اور ان کا تعلق القائدہ سے بتایا جاتا ھے ۔۔دہشت گرد یہ فوجی بیرکس اڑانا چاھتے تھے ۔۔ اور اپنے مشن پر سات مہینوں سے کام کررھے تھے ۔۔ اور آپ کو یہ بتاتی چلوں کہ اسی علاقے کے پاس ھی میں رھتی ھوں اور سوچتی ھوں کہ اگر ایسا ھو جاتا تو مرنے والوں میں میرا نام بھی ھوتا ۔۔ پھر سوچتی ھوں کہ جو ابھی تک مرے ھیں وہ بھی تو میرے ھی جیسے ھونگے ۔۔ ھم کیا کرھے ھیں ۔۔ کس سمت جا رھے ھیں ۔۔ ھم دوسروں کی سازشوں سے اپنے گھر کیوں پھونک رھے ھیں ۔۔ مجھے رہ رہ کر مصباح بھائی کی بات یا دآرھی ھے کہ ” پاکستان میں بیٹھے کسی شخص نے یہ نہ سوچا کہ کتنے ہی مسلمان اپنی بہن بیٹیوں کے ساتھ مغرب میں امن کی زندگی رہ رہے ہیں۔ اگر اس بات کا ذرہ بھر بھی رد عمل کہیں اس طرف ہو جائے تو کیا کوئی یہاں کے مسلمین کے درد کا مداوا بھی کر پائے گا۔ اوروں کا تو پتہ نہیں، لکن میں تو دو دن سے سخت بے چینی کا شکار ہوں۔ ایک طرف ان گناہوں پر کئے گئے مظالم کا قلق ہے تو دوسری جانب یہ خوف کھائے جاتا ہے کہ اگر میرا دروازہ رات ایک بجے کھٹکے اور کھولنے پر دو چار لوگ گوجرہ کا بدلہ میرے گھر سے لینے کو کھرڑے ہوں؟
بہت بہت شکریہ آپ سب میرے عزیز دوستوں کا کہ میرے بلاگ کو پذیرائی دی۔
کیا یہاں میں یہ جسارت کر سکتا ہوں کہ یہاں میں ایک بات یاد دلائوں کہ میرا ایک بہت بڑا متنازعہ بلاگ لگا تھا، جس کا عنوان تھا: “وہ دائمی سچ کہاں ہے؟”
اس کی آخری عبارت پھر یہاں رکھنا چاہتا ہوں کہ:
” آج تک میں نے کسی بھی مولوی کسی بھی پڑھے لکھے پاکستانی سے یہ الفاظ نہیں سنے کہ کیا ہؤا؟ جیسی کرنی ویسی بھرنی!
کل ہم نے کونسا اچھا کام کیا تھا کہ آج چلے ہیں اپنے نام نہاد بادشاہوں پر پردہ پوشی کرنے؟
کس جگہ پاک کتاب “قران مجید” میں لکھا ہے کہ کسی کی مذہبی عمارت تباہ کرکے وہاں اپنی مساجد کی بنیاد ڈالو؟
کیا آنحضرت صلعم نے ایک مسجد کی بنیاد ڈالنے سے پہلے اس کے مالک کا انتظار نہیں کیا جس کی اجازت مقصود کیا واجب تھی، اور اسے رقم دے کر، راضی کر کے مسجد کی بنیاد ڈالی تھی؟
آخر کیوں ھم سچ کہنے سے اتنا ڈرتے ہیں!
کہیں ایسا تو نہیں کہ آج جو ملک کی حالتٍ غیر نظر آرہی ہے اس کے پیچھے ہم سب کی خاموشی ہی اصل مجرم ہے؟”
http://www.aalmiakhbar.com/blog/?p=549
حضرات پھر سے میں عرض رکھ رہا ہوں کہ ہمیں اپنی فکر کی از سر نو تعمیر کرنی پڑے گی، ورنہ ہم بہت نزدیک ہیں غرق ہونے والی اقوام میں شامل ہونے والوں میں!
خدا پاک رحم فرمائے۔ آمین
ڈیئر فیاض!
میں کیا کہوں ، بس آ پ نے اچھا لکھا ہے بلکل جیسے آپ لکھتے آئے ہیں اور جیسا لکھنا چاہیے۔
میں تو یہ کہوں گا کہ یہ بلاگ وہ لوگ نہیں پڑھ رہے ہیں جو شدت پسند ہیں ورنہ یہاں بھی ٹھیک ٹھاک مظاہرہ ہوتا اور کہا جاتا کہ بلاگ کو بند کرنا چاہیے ، پتہ نہیں کہاںسے یہ باہر کی سوکھڑیاں مل کر سماج کو ایک واہیات قسم کی تعلیم اور آزاد خیال دے رہے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ سب پڑھے لکھے ہیں، سب کو یہ بات سمجھ میں آ رہی ہے کہ شدت پسندی ٹھیک نہیں ، میں نے دیکھا ہے کہ ایسے بندے بھی ایک پوائنٹ پر آ کر شدت پسند بن جاتے ہیں ، جو شدت کی مخالفت کرتے ہیں ، اس کے بنیادی اسباب مجھے یہی سمجھ میں آ رہا ہے کہ ہو تعلیم یافتہ نہیں ۔ میں نے دیکھا کہ ایک گاؤں سے ایک قبائلی /سرداری خاندان سے پڑھنے کے لیے ایک بندہ سات سمندر پار گیا ۔ وہ وہاں پڑھ کر جب آ یا تو پھر وہی پگڑی پہن کر بیٹھ گیا ، وہی اثر رسوخ والی بات اور ہی انداز، نہ اس نے آ ج تک کوئی اسکول بنایا اور نہ آج تک کبھی تعلیم کی بات کی ، اللھ بھلا کرے پارٹیوں کا، جن کا منشور پڑھ کر ایسا لگتا ہے کہ بس جیسے ہی یہ پارٹیاں اقتدار میں آجائیں گی تو ہمارا سماج جنت میں تبدیل ہو جائے گا ، مگر ایسا ہو نہیں سکا۔
وہی پرکار، وہی رویے ، وہی چال، وہی ڈھنگ ، کسی نے تاریخ سے سکھنے کی جسارت نہیں کی۔وہی وڈیرے منسٹر اور انہیں کے پاس وزارتیں۔ ملک میں جب تک یہی راج چلے گا تو کچھ نہیں ہو گا ۔
ایک طرف تو عوام ان بندوں کے ہاتھوں سے پستے ہیں اور دوسرا مذہب کے نام پر بندے شدت پسند ہو رہے ہیں ۔شدت پسندی کسی بھی چیز میں ہو اسکا نتیجا قتل و غارت اور اس قسم کی چیزیں ہی ہوتی ہیں۔
سب کو یاد ہوگا کہ انڈیا میں بھی گودھرہ میں کچھ سال پہلے ہندو مسلم فسادات ہوئے تھے ، معصوم لوگ زندہ جلا دیے گئے ، گھر اجڑگئے ، کیا نہیں ہوا ۔ مجھے یاد ہے کہ خشونت سنگھ نے اپنی ایک کتاب End of India لکھی تھی اس میں گودھرہ کہ واقعہ پہ بھی اس نے لکھا تھا، وہ اس بازار میں گیا تھا جہاں زوکوب ، قتل و غارت اور جلاؤ گھیراؤ ہوا تھا، جب وہ وہاں گیا تو لکھتا ہے وہ حیران ہو گیا کہ وہ تو کپڑے کی بازار تھی جو فسادات میں پوری جل گئی تھی ، مگر خشونت فسادات کے نشانات ڈھونڈ رہے تھے کو شاید کئی چیز اسکو مل جائے ، مگر کچھ نظر نہیں آیا ، پھر وہ لکھتا ہے ، کہ اسکا سبب یہ ہے کہ جن لوگوں نے یہ بازار بنایا ہے ہے وہ “سندھی لوگ” ہیں ، جو یہ کبھی نہیں چاہتے کہ کوئی مذہبی تکرار ہو ، اس لئے ان لوگوں کو دوبارہ تیار کیا کو وہاں آنے والے کو پتا ہی نہیں لگے کہ کبھی یہاں کچھ ہوا تھا ۔
جو قوم آگے بڑہنا چاہتی ہے وہ کبھی بھی ایسی چیزیں نہ کرتی اور ان ایسے کاموں کو پسند کرتی ہے ، آج وہی لوگ وہاں کے شہرت یافتہ دھندہ کرنے والے ہیں اور ان میں سے بہہت وہ لگ ہیں جو پارٹیشن کے میں شکارپور اور سندھ سے گئے تھے۔
پیارا پاکستان جس کے بننے کا ایک سبب یہ بھی تھا کہ ہندو کو الگ اور مسلم کو الگ وطن ہونا چاہیے، پھر 1947 میں یہ کارخیر ہوا ، ہندو اور مسلم الگ الگ ہو گئے، بٹوارہ ہو گیا، انڈیا سے پھر بندے یہاں آئے ، گدھوں اور اونٹوں پر، سندھ نے سب کو پناہ دی، اور سندھیوں کا یہ عالم ہے کہ انکو اپنے ہی شہر کراچی کے کالیج اور یونورسٹی میں داخلے نہیں ملتے ، وہاں سے آن والے آج بھی سندھ کا بٹوارہ چاہتے ہیں کہ یہ سندھ نہیں کراچی ہے، سندھی گھوٹکی،سکھر ، شکارپور ، لاڑکانہ سے نہیں بلکہ اندرونی سندھ سے آ رہے ہیں ، یہ بٹوارہ نہیں تو اور کیا ہے! 60 سال بیت گئے ملک اندرونی خلفشار کا شکار ہے، فیڈرشن /اسٹبلشمنٹ صوبوں کو حقوق نہیں دے رہا، پانی کا مسلا ہو یا NFC Award اور زبان کا ۔ بلکل اسی طرح اور بہت سارے مسائل ہیں جو 60 سال سے اٹکے ہوئے ہیں ، صرف سندھ نہیں بلکہ دو اور صوبے بھی بہت ساری چیزوں سے محروم ہیں ، پاکستان کے گوجرا والے ایریا میں جو ہوا ہے ، اس پہ صرف یہی کہوں گا کہ آپ لوگ بھی سندھیوں سے سیکھیں کے کیسے ان لوگوں نے نئے انداز سے زندگی کی پھر شروعات کی ۔
آخر میں یہ کہوں گا کہ جتنی یونٹی کرکیٹ پہ پاکستان میں ہے اگر اتنی یونٹی قوم اپنے مسائل حل کرنے میں کرے تو کافی تبدیلیاں آجائے گی!
حسام میمن
05/08/2009
memonhisam@yahoo.co.uk
بشکری بی بی سی ڈاٹ کام اردو سروس
———————————————————
پولیس نے لاہور کے نواحی علاقے مرید کے میں قرآنی آیات کی مبینہ بے حرمتی پر ایک فیکڑی کے مالک سمیت دو افراد کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
یہ مقدمہ مزمل نامی مزدور کے والد بابر شاہ نے درج کرایا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ فیکڑی کے مالک نجیب ظفر کے لواحقین کی طرف سے ابھی مقدمہ درج نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا اور اس میں قتل ،غیر قانونی اجتماع اور بلوا کرنا کے الزامات میں درج ہوا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق شیخوپورہ مرید کے روڈ پر واقع چمڑے کی فیکڑی کا مالک اپنے دفتر میں لگے ان پرانے کلینڈر کو تبدیل کر رہا تھا جن پر قرآنی آیات درج تھیں۔ اسی دوران فیکڑی کا سپروائیز قاسم بھی وہاں پہنچ گیا اور ان دونوں میں کلینڈر اتروانے پر تکرار ہوئی۔اس پر سپروائیز نے فیکڑی کے مزدوروں اور مقامی کو لوگوں کو اکٹھا کیا اور فیکڑی کےمالک نجیب ظفر پر یہ الزام لگایا کہ اس نے قرآنی آیات والے کلینڈر کی بے حرمتی کی۔
مزدورں نے فیکڑی کے اندر احتجاج کیا جبکہ جبکہ مقامی لوگوں نے فیکڑی کا گھیراؤ کرکے شیخوپورہ، مرید کے روڈ کو بلاک کر دیا اور پتھراؤ کیا۔ پولیس کے مطابق جب مشتعل مزدور فیکڑی مالک کے دفتر کے قریب پہنچے تو وہاں تو سکیورٹی گارڈز نجیب کو فیکڑی کے عقبی حصے میں لےگئے لیکن سپروائیز دیگر مشتعل افراد کے ساتھ وہاں پہنچ گیا اوراس دوران مظاہرین کی سکیورٹی گارڈز کے ساتھ چھڑپ ہوئی۔ مظاہرین نے سکیورٹی گارڈ سے ان کا اسحلہ چھین لیا جس پر فائرنگ ہوئی اور اس کے نیتجے میں فیکڑی کا مالک نجیب ظفر اور ایک شخص مزمل ہلاک ہوگئے۔
مشتعل افراد نے فیکڑی میں توڑ پھوڑ کر کے اس کو شدید نقصان پہنچایا بلکہ لوٹ مار بھی کی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس پر مظاہرین منشتر ہوگئے اور پولیس نے صورت حال پر قابو پا لیا۔
پولیس کے مطابق فیکڑی مالک اور مزدوروں کے درمیان تنخواہوں پر تنازع چل رہا تھا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی مقدمہ درج نہیں کیا تاہم سپروائیز قاسم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سنیچر کوصوبہ پنجاب کے شہرگوجرہ میں مسلم عیسائی جھگڑے میں سات عیسائیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا اور درجنوں گھر جلا دیے گئے تھے۔
عیسائیوں کے خلاف پرتشدد واقعات کی عدالتی تحقیقات کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے جج پر مشتمل کمیشن نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ گورنر پنجاب نےصدر آصف زرداری کی جانب سے ہلاک شدگان کے لیے فی کس پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے تین لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
جب تک ھم قومی اسمبلی میں انگوٹھا چھاپ وزیر تعلیم اور وزیر قانون لاتے رہیں گے ایسا ہوتا رہے گا۔