پاکستان کا سب سے بڑا مسلہ کیا ہے؟

السلام علیکم
آزادی کا مہینہ ہے
ہمیں آزاد ہوئے 62 برس ہو گئے ہیں
لیکن ہمارے مسائل جوں کے توں ہیں
میرے خیال میں پاکستان کے دو تین بڑے مسائل ہیں

1۔ ناخواندگی
2۔ خود انحصاری سے گریز یا غیر ملکی قرضے
3۔ انتخابات میں غیر نمائندہ اور مفاد پرست افراد کا اسمبلیوں میں پہنچ جانا دولت اور طاقت کے بل پر

اس کے علاوہ بھی کچھ مسائل ہیں

برین ڈرین یا پڑھے لکھے لوگوں کا ملک سے ہجرت کر جانا
پاکستانی قوم کا متحد نہ ہونا
پاکستان میں رہ کر پاکستان کی مخالفت کرنے کا رویہ
امریکہ کا اثر رسوخ
فوج کا اقتدار پر قابض ہو جانا
مذہبی انتہا پسندی یا فرقہ وارانہ عصبیت
کرپشن
وغیرہ وغیرہ

محفل کے سبھی دانشوروں سے درخواست ہے پاکستان کے مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان مسائل کا حل بھی پیش کریں
والسلام
زرقا

35 thoughts on “پاکستان کا سب سے بڑا مسلہ کیا ہے؟”

  1. سب سے پہلے تو آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے طرف توجہ مبذول کروائی۔
    میرے خیال میں ناخواندگی سب سے بڑا مسئلہ ہے اس کا سیدھا سا حل یہ ہے کہ شرح خواندگی بڑہائی جائے، کہتے ہیں کہ پاکستان میں شرح خواندگی 36 فیصد تک ہے جبکہ اس میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو صرف اپنا نام لکھ سکتے ہیں اس کے علاوہ سیاسی شعور کی بھی ضرورت ہے۔

  2. میرے خیال میں اس موضوع پر پاکستان می رہنے والے ہی زیادہ بہتر طریقہ پر بحث کر سکتے ہیں اور پاکستان کے مسائل ، انکی وجوہات اور انکے حل کو پیش کرسکتے ہیں۔
    پاکستان سے ہجرت کرنے والے (ہم جیسے لوگ ) پاکستان کے اندرونی مسائل اور انکی وجوہات سے آہستہ آہستہ ناواقف ہوتے جارہے ہیں۔ ان سب کی معلومات کے ذرایع بالکل محدود ہیں اور جو ہیں بھی ان کے ذمہ دار اپنے اپنے ایجنڈے کے مطابق پاکستان کی سیاسی اور سماجی اور مذہبی اور معاشی حالات پر تبصرے کرتے رہتے ہیں۔
    پاکستان میں بجلی کے بار بار ٹوٹ جانے کا مسئلہ ، بے روزگاری کا مسئلہ ، دہشت گردی کا مسئلہ اور فرقہ وارانہ فسادات کا مسئلہ ، مذہبی انتہا پسندی کا مسئلہ، یہ اور جرائم کی زیادتی کا مسئلہ ، رشوت ستانی اور اقربا پروری کا مسئلہ یہ اور اس قسم کے مسائل باہر والے بہتر طریقہ سے جان نہیں سکتے ۔

    ، آمریت کے بار بار اقتدار میں آنے کا مسئلہ اور پھر جمہوریت کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھا کر بعض خود غرض سیاست دانوں کے اقتدار میں آنے کا مسئلہ اور اسکی وجوہات بھی پاکستان میں رہنے والے ہی بہتر جاننتے ہیں۔
    پاکستان سے باہر جانے والے تو صرف اپنی اپنی استطاعت کے مطابق پاکستان میں رہنے والوں کی خدمت اور مد د ہی کرسکتے ہیں ۔ مگر ان مسائل کا حل پاکستان میں رہنے والےہی بہتر جانتے ہیں۔

    مجھے پاکستان میں رہنے والوں کے تبصروں کے پڑھنے کا انتظار ہے ۔
    فقط:
    منظور قاضی از جرمنی

  3. ماشااللہ زرقا جی بہت اچھا موضوع ھے 🙂
    میرے خیال سے سب سے بڑا اور ھر مسلے کی جڑ غربت ھے، جس کے لئے عوام کے لیے مختلف مواقع فراہم کیے جاہیں
    ان کی نوکروں کا بندوبست، دیگر سہولیات مہیا کی جاہیں جن کو پا کر کوئی غریب نا رہیے !!
    اگر غربت کا خاتمہ ھو گیا تو سب ٹھیک ھا جائے گا ساتھ ساتھ تعلیم کی کمی بھی ختم ھو جائے گی

  4. زرقہ بہن اسلام و علیکم ورحمہ
    آپ نے دعوت ِ فکر اس قوم کو یوم پاکستان پر دی ہے۔ جو فکر سے عاری ہے، جو بے فکر رہ کر جینا چا ہتی ہے اور گزشتہ باسٹھ سال سے جی رہی ہے۔اب رہی بات مسا ئل کی تو اتنے مسا ئل ہیں کہ وہ اس چھوٹے سے بورڈ میں سما ہی نہیں سکتے۔ مگر شکر ہے کہ آپ نے دو تین اہم مسا ئل پو چھ لیئے ۔لہذا مجھ جیسے طا لب علم کو بھی پر چہ حل کر نا آسان ہو گیا۔
    سب سے اہم مسئلہ میرے خیال میں عدل ہے۔اور اس سے آپ بخوبی واقف ہو نگی کہ آپ خود بے انصافی کا شکار ہیں ۔اللہ تعالیٰ عدل کا حکم دیتا ہے۔ حضور (ص) نےگزشتہ قوموں کی تبا ہی کی وجہ ہی یہ بتا ئی کہ انکا کوئی بڑا آدمی جرم کر تا تھا تو چھو ڑ دیتے تھے ،اور غریبوں کو سزا دیتے تھے ۔ حضرت علی کرم اللہ وجہ کا قول ہے کہ انسان بھو کا رہ سکتا ہے مگر بغیر انصاف کے نہیں ۔ عدل جو کہ اسلام کی اساس ہے، وہ ہی ہمارے یہاں نا پید ہے۔عدل کر نا ہم صرف عدالتوں کی زمہ داری سمجھتے ہیں ۔مگر اسلام ہر مسلمان کو ہر وقت وہ جس حیثیت اور حالت میں ہے عدل کر نے کو کہتا ہے۔لہذا کسی عادل سے کسی کے ساتھ زیادتی یا بے انصافی نا ممکن ہے۔اگر یہ ہم عدل قائم کر نے میں کامیاب ہو جا ئیں، تو باقی برا ئیاں جھوٹ، رشوت بے ایمانی وغیرہ خود بہ خود ختم ہو جا ئیں گی۔

  5. زرقا میں تو تمھارا خط بنام شہباز شریف پرھ کر رو پڑی ھوں ۔۔ آخر کیسے رھتی ھو اتنی بےسکونی ، دہشت اور وحشت میں ۔۔ مجھے پاکستان میں اب کوئی سکھی نظر نہیں آتا ۔۔ کیا کیا کہوں کہ کیا کیا ھونا چاھیئے ۔۔ ایک بات تو تم نے لکھی نہیں کہ اخلاقیات کا گرا ھوا معیار ، جو اپنے لیئے چاھنا وہ کسی اور کے لیئے کبھی نہ چاھنا ۔۔ کمینگی کی حد تک مفاد پرستی نے ھم لوگوں کو اللہ پاک سے اور اس کی مہربانیوں سے بھی دور کر دیا ھے ۔۔۔اور یہ تو سچ ھے نا کہ گہیوں کے گھن بھی پستے ھیں ۔۔ میں تمھارے لیئے دن رات دعا گو ھوں ۔۔ اللہ تم کو اور تمام گھر والوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ۔۔ سچ میں تو بہت فکرمند ھو گئی ھوں زرقا ۔۔ اپنا بہت زیادہ خیال رکھنا ۔۔ آمین

  6. مجھے ابھی ابھی میری دوست مسرت کا دبئی سے فون آیا کہ میں نے کس مفاد پرستی کا زکر کیا ھے ۔۔ عزیز دوست تم جانتی ھو نا میرا پہلا پبلشر محمد دانش تھا ۔۔۔ اس نے مجھ سے ایک لاکھ روپہ یہ کہہ کر منگوایا تھا کہ آپا مجھے ٹانگ کا کینسر ھو گیا ھے اور شوکت خانم میں آپریشن کے لیئے پیسے کم پڑ رھے ھیں ۔۔ میں نے اسے یہاں سے ایک لاکھ روپے بھیجے اور اپنی بہن دلشاد نسیم سے کہا کہ اپنا اثر رسوخ استعمال کر کے شوکت خانم سے پیسے کم کروا دے ۔۔ دوستو بعد میں مجھے نہیں پتہ کہ کیا ھوا ۔۔

    صرف اتناپتہ لگا جو مجھے وہاں کے لوگوں نے بتایا کہ دانش صرف پیسوں کے لیئے مجھ سے جھوٹ بول رہاتھا بلکہ اس طرح کے کئی فراڈ کر چکا ھے ۔۔ دانش کا آپریشن نہیں ھوا ۔۔ وہ صرف پیسوں کے لیئے بیماری کا جھوٹ بول رھا تھا ۔۔اس بات کا مجھے بھی یقین کرنا پڑا کیونکہ پیسے ملنے کے بعداس نے کبھی بھول کر اپنی اطلاع نہیں دی اور نہ ھی کبھی فون اٹھایا اور نا ھی کیا ۔۔ اسی طرح کے حادثات کی ایک لمبی فہرست ھے جس کا مجھے کوئی غم نہیں ھے کہ میرے رب نےمجھے بہت دیا ھے اور اس سے بھی بڑا دل دیا ھے جو ھر وقت لٹنے کو تیار رھتا ھے ۔۔ میں ھر دفعہ ایک نئے یقین کے ساتھ ایک نیا دھوکہ کھاتی ھوں ۔۔

    پھر اس کے بعد دوستوں آپ کو یاد ھو گا کہ بابا ( جناب صفدر ھمدانی) کے ساتھ محمد ہارون عباس نے یہی کیا ۔۔ اس نے ان کے نام کا فائدہ اٹھایا اور انہی کے دوستو سے پیسے کھاتا رھا اور بابا کو پتہ ھی نہیں تھا ۔۔ اور تو اور اس نے ان کے کئی بہترین دوستو کو ان کے بارے ورغلا کر ان سے الگ کر دیا ۔۔ بس کیا کیا بتاؤں کہ اس دنیا میں کتنے دوغلے اور گھٹیا لوگ رھتے ھیں جو اتنے ظالم ھیں کہ خود انسانیت کا رونا روتے ھیں اور خود ھی اپنی چالاکی اور عیاری سے اسی انسانیت کے بخیئے ادھیڑ دیتے ھیں
    ۔
    ۔ ایسی گھناؤنی مفاد پرستی کی ایک اور مثال کے لیئے زرقا مفتی کا تازہ کالم “عدل کے نام پر کیا کھیل رچا رکھا ھے ” ضرور پڑھیں ۔۔ اور دل پر ہاتھ رکھ کر بتایئن کہ اگر ایسا ھی آپ کے ساتھ ھوتو کیا کریں گے ۔؟

    ایسے لوگو سے بھرے ھوئے ملک کو کیا انصاف ملے گا ۔۔ ایسے ملک کوتو آپس کی سازشیں اور بددعایئں ھی ختم کر دینگی ۔۔ اللہ میرے ملک کو ایسے شاطر اور عیار سیانوں سے بچائے ۔۔۔ اور اپنے کرم سے میرے ملک کو “پاگلوں ” سے بھر دے جو کسی کا برا نہیں چاھتے اور نہ کبھی کسی کی انسانیت اور معصومیت کا فائدہ اٹھاتے ھیں ۔
    ۔
    دوستو میرا یقین کریں ۔۔ پاگلوں جیسے سچے اور بے غرض انسان کہیں نہیں ھیں اور شکر خدا کا میں ایسے ھی لوگوں کے پاس دن رات رھتی ھوں ۔۔ ان کی خدمت کرتی ھوں اور ان سے بے لوث ھونا اور محبت کرنا سیکھتی ھوں ۔۔

  7. السلام علیکم
    شکریہ ظہور صاحب
    آپ نے بجا فرمایا کچھ دانشوروں کے نزدیک تعلیم سے دُنیا کے 99 فیصد مسائل کا حل ممکن ہے
    کیا ہی اچھا ہو اگر آپ شرح خواندگی بڑھانے کے کچھ طریقے بھی تجویز کریں
    والسلام
    زرقا

  8. السلام علیکم
    قاضی صاحب تبصرے کے لیے شکریہ
    میرا خیال ہے ترقی یافتی ممالک میں رہنے والے پاکستانی وہاں کے نظام کو دیکھ کر پاکستانی نظام کی اصلاح کے لیے مشورہ دے سکتے ہیں
    مثلا نظامِ تعلیم یا نظامِ عدل کو ہی لے لیجئے
    والسلام
    زرقا

  9. السلام علیکم
    شکریہ ثناء جی
    میرے خیال میں غربت وجہ نہیں غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے
    نوکری حاصل کرنے کے لیے رسمی یا غیر رسمی تعلیم کا حصول لازمی ہے
    غیر ہنرمند یا غیر تعلیم یا فتہ افراد کو نوکریاں کیسے دی جا سکتی ہیں
    والسلام
    زرقا

  10. محترم جیلانی بھائی
    السلام علیکم
    آپ کے خطوط ہمیشہ بصیرت افروز ہوتے ہیں
    بے شک قوموں کے زوال کا یہی سبب ہے
    عدل کا یہ بھی تقاضا ہے کہ ہم اپنے فرائض ایمانداری اور خوش اسلوبی سے ادا کریں
    افسوس کی بات ہے کہ افسران اپنے ایر کنڈیشنڈ کمروںمیں بیٹھ کر وقت گزارتے ہیں
    حقدار کو حق نہیں دیتے اور ظالم کو بے جا ڈھیل دیتے ہیں

    میرا خیال ہے کہ اگر ہماری عدلیہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں سینجیدہ ہے تو اسے رشوت خور یا اپنے فرائض سے چشم پوشی کرنے والے افسراں کو سزائیں دینی ہوں گی
    ورنہ اُن کے فیصلوں کی کوئی افادیت نہیں رہے گی
    اور نہ ہی افسر شاہی اپنا رویہ بدلے گی
    والسلام
    زرقا

  11. ہماری 62سالہ محرومیوں اور ناکامیوں اور مسائل کی اصل وجہ اپنے مقصد تخلیق سے دوری اور پاکستان کے بنیادی نصب العین سے فرار ہے ،جس کی وجہ سے آج ہم یہ منظر ہم دیکھ رہے ہیں‌،اگر آج ہم قیام پاکستان کے اصل مقصد کی طرف لوٹ جائیں تو یقین جانیے یہ سارے مسائل خودبخود حل ہوجائیں گے

  12. اور میرے خیال میں‌یہی پاکستان کا اصل اور بنیادی مسئلہ ہے

  13. السلام علیکم
    نگہت جی
    میں آپ کے جذبات کی قدر کرتی ہوں
    سچ پوچھیئے تو یہ خط یہاں ارسال کرتے ہوئے میں بہت پس و پیش کا شکار تھی
    میں نے اور میرے شوہر نے اپنی دادرسی کے لیے قانونی راستہ اپنایا
    اب یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی گڈ گورنس کا ثبوت دے اور ہمارے بنیادی شہری حقوق بحال کرے
    مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے ہجرت ایک آسان راہ ہے لیکن ہمیں پاکستان سے بہت محبت ہے
    ہماری کوشش ہے کہ اپنی ذات کی حد تک غلط کو غلط ثابت کریں اور اپنا جائز حق حاصل کریں

    اللہ کے وعدے پر ہمارا ایمان کامل ہے
    کہ
    بے شک تم ہی غالب آؤگے

    پاکستان کے عوام میں جذبے یا جنون کی کمی نہیں
    ان کو صرف ایک کرشماتی قیادت کی ضرورت ہے
    ہمارے عوام سادہ لوح ہیں روزی روٹی کی فکر نے انہیں اپنے بقیہ بنیادی حقوق سے بے نیاز کر رکھا ہے

    ہماری ہر دم یہی دُعا ہے کہ پاکستان رہتی دُنیا تک قائم و دائم رہے
    عوام کو اپنا حق حاصل کرنے کا شعور حاصل ہو
    ظلم اور زیادتی کا راستہ رکنے کی ہمت دے اور سچ کا ساتھ دینے کی توفیق دے
    آمین

    والسلام
    زرقا

  14. وعلیکم السلام بہن محترمہ زرقا مفتی صاحبہ.
    اللہ سائیں کے حضور دعاگو ہوں کہ آپ کو آسانیاں عطا ہوں. آمین.
    بہت بہترین بلاگ لکھا ہے آپ نے، اور اس پر بہت اچھے تبصرے بھی آرہے ہیں.
    آپ نے ایک اہم موضوع اٹھایا ہے. سچ تو یہ ہے کہ کم از کم 80 فیصد ہمارے بلاگ اسی بات پر ہونے چاہییں! کہ اصل بات پر بات کی جائے، کہ اصل مسئلہ کے حل کی طرف نگاہ اور قدم بڑھیں!
    بات یہ ہے کہ علمٍ طب میں بخار یا سر درد خود کوئی بیماریاں نہیں ہوتیں، بلکہ یہ تو ہم کو بتاتی ہیں کے آپ کے جسم میں کچھ گڑ بڑ لاحق ہوچکی ہی. پھر کیا ہوتا ہے کہ ڈاکٹر صاحبان حرارت کم کرنے کے لیے دوائیاں تو دیتے ہیں لیکن ان کا اہم کام یہی ہوتا ہے کہ اس گڑبڑ کی تشخیص کریں اور اس کا علاج کریں. جو کہ نظر نہیں آتی. یا یوں کہیے کہ جو علامات دکھائی دیتی ہیں وہ تو اس اصل بیماری کی علامات ہوتی ہیں. علامت بذاتٍ خود کوئی بیماری نہیں ہوتی.
    ٹھیک اسی طرح آپ نے یا معزز مبصران نے جن مسائل کی نشاندہی کرائی ہے وہ بھی مسائل ہیں تو ضرور، لیکن یہ سب در حقیقت بتاتے ہیں کہ ان کی جڑ کہیں اور چھپی ہوئی ہے. جس کا علاج اشد ضروری ہے.
    مثال: تعلیم کا فقدان، خود انحصاری سے گریز یا غیر ملکی قرضے، نا اہل آدمیوں کا اسیمبلی میں گھس آنا، عدلیہ کا صحیح کام نہ کرنا، غربت وغیرہ وغیرہ.
    یہ معاشی ناہمواری، یہ سب تو علامات ہیں. ایسا نہ ہوگا تو پھر کیسا ہونا چاہیے؟ اس سسٹم میں یہی تو ہوسکتا ہے.
    مجھے اچھی طرح سے یاد نہیں، کہ اس ادیب کا نام کیا تھا جو ژان پال سارتر سے ملنے گیا تھا. سارتر نے بہت اچھی آؤ بھگت کی، باورچی کو بلا کر فوری کافی لانے کا کہ کر، اس ادیب سے پوچھا: “آج کل آپ کے ملک کی سیاست کا کیا حال ہے؟”
    تب اس ادیب نے جواب دیا تھا: “سوری سارتر صاحب! میں سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتا.”
    سارتر نے ایک لمحہ رکے بغیر باورچی کو آواز دی، کہ کافی نہیں چاھیے، اور اس ادیب سے الوداعی ہاتھ بڑھا کر کہا: “جس ادیب کو اپنے ملک کی سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں، اس سے بیٹھ کر کم از کم میں اپنا وقت برباد کرنے سے رہا.”
    سارتر نے اسے رخصت کردیا.
    بات بڑی پیاری کی سارتر نے. اور یہ ضروری بھی ہے کہ ہمیں اپنے ملک کی سیاست کا پتہ ہانا چاہیے. کیونکہ ہم دو وقت کی روٹی ضرور کھاتے ہیں، ایک چین بھری زندگی ہمارا بنیادی حق ہے. ہم خرید سے لیکر فروخت تک ٹیکس بھرتے ہیں. اور اس ٹیکس کے عیوض ریاست سے کیا کیا امیدیں ہونی چاہیے ہمیں، یہ یہاں عرض رکھنے کی چنداں ضرورت نہیں ہے، کیونکہ ہم سب جانتے ہیں.
    بنیادی مسئلہ جو میں سمجھ رہا ہوں، وہ یہاں ایک بہترین حکومت کا فقدان ہے. ایک صحتمند سیاست کی کمی. ایک ملکی نظریہ جو ہونا چاہیے جسے پھر کسی کو حق نہیں کہ تبدیل کریں، اور وہ سب تبھی ممکن ہو سکتا ہے جب ہمارے ہاں آئین کی برتری ہو.
    آپ سب نے دیکھا ہوگا کہ ہمارے ملک میں 1947ع سے آج تک طاقت کا توازن مستحکم نہیں رہا ہے. کبھی حکومتی طاقت صدر کے ایوان میں پائی جاتی ہے تو کبھی وزیرٍ اعظم ہائوس میں. اکثر اوقات یہ توازن جی ایچھ کیو میں ملتا نظر آتا ہوگا.
    کیوں؟ عوام دیکھے تو کہاں دیکھے؟
    عدم اعتبار کا یہ عالم ہے کہ ہم جن کو ووٹ دے کر ایوان میں بھیجتے ہیں تو کیا ہمیں اتنا پتہ نہیں کہ ہم نے انکو پورے پانچ برس کے لیے چنا ہے. یہ نہیں کہ ایک برس کے بعد ہم ان کے خلاف پھر مظاہرے کریں کہ موجودہ حکومت ہٹاؤ؟
    اب کون ہٹائے انکو؟ آئین کی حالت یہ ہے کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کی طرح طاقت کے قبلہ کی طرف ہی مڑے گا. لہٰذا فوج ہی ہماری آوازیں “ادرکنی و لا تہلکنی” سن کر آئے گی.
    آئین کو ہر حکومت نے بدلا ہے. صرف اپنے مفاد کی خاطر.
    اور پھر ہوتا کیا ہے. تمام پئسہ حکومتی کوتاہیوں کی نذر ہوجاتا ہے، اور ہم آپس میں لڑتے ہیں. غربت، تعلیم کی کمی، یہ سیاسی بد معاشی کا ہی نتیجہ ہیں.
    اوپر محترم شمس جیلانی صاحب نے بہت بہترین بات کی ہے کہ عدل کا ہونا ضروری ہے. عدلیہ مکمل آزاد ہونا چاہیے. بالکل بجا فرمایا ہے سائیں نے. لیکن اگر ذرا سا غور کیا جائے تو دیکھیں گے کہ یہ عدلیہ کو قانون کون بنا کے دیگا؟ ظاہر ہے ہماری اسیمبلیاں یعنی پھر سیاست.
    تو اب کیا کیا جائے؟
    سچ تو یہ ہے کہ بہت خطرناک بات ہوگی جب ظاہر کی جائے گی. لیکن سر منصوراں کی طرح کہے دیتا ہوں. ممکن ہے یہ میری بات خود تنازعہ کی شکار ہوجائے. لیکن آپ سب اس پر انتہائی ٹھنڈے دل سے سوچیے گا ضرور.
    یہاں ایک انقلاب کی ضرورت ہے. بالکل 1990ع میں روس کی طرح، 1979ع میں ایران کی طرح، انقلابٍ فرانس یا ترک کی طرح. روسی پریسترائیکا کی طرح ہر چیز از سر نو سوچی جائے، تعمیر کی جائے.
    یہ لفظ کہنا بڑا آسان ہے کہ دو قومی نظریہ پر ہم نے ملک تو بنالیا، لیکن اس پر عمل در آمد کروانا ممکن تو ہے، لیکن بہت مشکل بھی ہے.
    ہم نے آج تک اپنے ملک کے لیے جذباتیت سے سوچا ہے. ایک معتدل سوچ کے ساتھ کم ہی سوچا ہے. ملک مذہب کے نام پر چلانا بہت مشکل ہے. آپ خود ہی دیکھیں.
    اس وقت دنیا میں دو ہی ریاستیں ہیں جو مذہب کی بنیاد پر بنی ہیں.
    1. پاکستان
    2. اسرائیل.
    کبھی ہم نے سوچا کہ انہیں دو ممالک کی وجہ سے پوری دنیا پریشان بھی ہے، اور وہ دونوں خود بھی پریشان ہیں. کیوں؟ کیونکہ یہ غیر فطری نعرے بازی عملی طور پر کام نہیں کرتی.
    میں نے ایک بات نوٹ کی ہے. آپ سب کے سامنے پیش کر رہا ہوں. بات بڑی عجیب ہے. یہ ایک فارمولا ہے.
    – کہ جس ملک کی سیاست مستحکم ہوتی ہے، جہاں عوام کے لیے سب ادارے بہترین کام کرتے ہیں، وہاں “ملی نغمے” نہیں گائے جاتے.
    – کہ جس ملک کی سیاست بدمعاشی کی ڈگر پر چلتی ہو، جہاں عوام زلیل تر زندگی گذارنے پر مجبور ہوں، ٹھیک وہاں ہی “ملی نغمے” بڑے زور و شور سے گائے جاتے ہیں.
    اب یہ بات مختلف ممالک پر مختلف عائد ہوتی ہے. بہت اچھا ملک، نہ برابر کے ملی نغمے، بہت خراب ملک بہت زیادہ ملی نغمے!
    بنیادی حل ہے صرف ایک. پورا نظام بدل جائے. بنیادی منشور نظرثانی مانگ رہا ہے. آئین بنایا جائے. اور ساتھ میں یہ طی ہو کہ کوئی بھی انسان اس آئین سے مبرا نہیں. نہ صدر، نہ وزیرٍ اعظم اور نہ ہی فوج.
    پھر دیکھیں. کیا ہوتا ہے.

  15. آخری نوٹ:
    یورپ یونان کے احسان کبھی نہیں اتار سکے گا.
    یورپ کو یونان نے صرف “یوروپا” دیوی کا نام ہی نہیں دیا بلکہ ایک مکمل سیاسی نظام بھی دیا. اور وہ کیا ہے؟ ذرا دیکھیں:
    – کبھی بھی انسانی مسئلہ کا حل آسماں سے نہ ملے گا. ہمارے مسئلے ہمارے اپنے پیدا کردہ ہیں، لہٰذا انہیں حل بھی ہمیں ہی کرنا پڑے گا.
    – چند اعلیٰ ذہن ایک جگہ بیٹھیں اور منشور و آئین بنائیں.
    – صرف انہی کو حق ہے کہ وہ وقت بوقت اس میں ترمیمیں کر سکیں.
    – ملک کے تمام شہری اس آئین کی رو سے اس کے محتاج ہونگے.
    – کسی بھی ایک فرد یا ایک گروہ کو کوئی حق نہیں کہ اس آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کریں، حتیٰ کہ ایک اعلیٰ جج بھی.
    – اگر ان باتوں پر عمل کیا جائے تو تمام شہری سکون کی زندگی گذاریں گے.
    (حوالہ: برٹرینڈ رسل: “رسل آئین اسٹائین منشور کے مقدمے میں)

  16. میں فیاض بھائی سے سو فیصد متفق ھوں کہ پاکستان کے مسائل کا بنیادی حل یہی ھے کہ “پورا نظام بدل جائے. بنیادی منشور نظرثانی مانگ رہا ہے. آئین بنایا جائے. اور ساتھ میں یہ طے ہو کہ کوئی بھی انسان اس آئین سے مبرا نہیں. نہ صدر، نہ وزیرٍ اعظم اور نہ ہی فوج.” بہت ھی اچھا کہا ۔۔ بس بھائی اب دعایئں مانگنے کا وقت آ گیا ھے ۔۔

  17. السلام علیکم
    فیاض صاحب
    تبصرے کے لیے شکریہ
    میں نے اوپر ایک تبصرے میں لکھا ہے کہ

    پاکستان کے عوام میں جذبے یا جنون کی کمی نہیں
    ان کو صرف ایک کرشماتی قیادت کی ضرورت ہے

    ہم بھارت کی طرح ترقی اس لیے نہ کر سکے کیونکہ قائد اعظم کی وفات کے بعد ملک کی حکومت موقع پرستوں کے ہاتھ چلی گئی
    ہمارے یہاں کسی بھی پالیسی کا تسلسل نہیں رہتا
    ایک حکومت اداروں کو قومیاتی ہے تو دوسری نجکاری کرتی ہے

    الیکشن پیسے کا کھیل ہے الیکشن میں صاحبِ کردار یا محبِ وطن کامیاب نہیں ہوتے بلکہ کروڑوں کی سرمایہ کاری کرنے والے کامیاب ہوتے ہیں
    کروڑون کی سرمایہ کاری کرنے والے سود سمیت اپنی سرمایہ کاری واپس بھی وصول کرنا جانتے ہیں

    ہمارے ناخواندہ عوام ایک پلیٹ بریانی یا چند سو روپوں کے عوض اپنا ووٹ ایسے ہی مفاد پرستوں کو دے آتے ہیں
    جب تک ہمارے عوام 70 سے 80 فیصد خواندگی کو نہیں پہنچتے الیکشن کے ذریعے تبدیلی ممکن نہیں
    اور پُرانے چہرے نیا آئین کیوں بنانے لگے ویسے بھی میرا خیال ہے کہ ہمارے آءین میں خرابی نہیں ہے ہم اس پر عملدرآمد ہی نہیں کرتے

    معاف کیجیے میں آپ کے اس خیال سے متفق نہیں کہ مذہب کی بنیاد پر حکومت نہیں چلائی جا سکتی
    ایران کی اسلامی حکومت مذہب کی بنیاد پر چل رہی ہے اور انشاللہ چلتی رہے گی

    ویسے بھی میں علامہ اقبال کے نظریات پر اعتقاد رکھتی ہوں میرے نزدیک مسلمان ایک امت ہیں لیکن مفاد پرست حکمران اپنے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے نااتفاقیوں کو فروغ دیتے رہتے ہیں

    اگر یورپی کمیونٹی ایک کرنسی اور آزادانہ تجارت کو فروغ دے سکتی ہے تو ہم کیوں نہیں
    ہم مسلمان قومیں جب تک متحد نہیں ہونگی سیاسی اور معاشی طور پر پسماندہ ہی رہیں گی
    چور دروازوں سے آمر آتے رہیں گے

    کسی کالم ناگار نے بہت خوب لکھا ہے کہ پاکستان اور انقلاب کے درمیان روٹی حائل ہے
    جس دن عوام بھوکے پیٹ سونے پر مجبور ہونگے انقلاب کا راستہ ہموار ہو جائے گا

    لیکن انقلاب کے انتظار میں معاشرے کو نا قابلِ اصلاح نہیں سمجھنا چاہیے

    والسلام
    زرقا

  18. السلام علیکم
    نگہت جی
    73 کا آئین ایک ایسی متفقہ دستاویز ہے جس کو وہ لوگ بھی تسلیم کرتے ہیں جو ساری زندگی احتجاجی سیاست کرتے رہے ہیں
    اس کے آرٹیکل نمبر 6 کے مطابق
    6. High treason.-(1) Any person who abrogates or attempts or conspires to abrogate, subverts or attempts or conspires to subvert the Constitution by use of force or show of force or by other unconstitutional means shall be guilty of high treason.

    (2) Any person aiding or abetting the acts mentioned in clause (1) shall likewise be guilty of high treason.

    (3) 1[Majlis-e-Shoora (Parliament)] shall by law provide for the punishment of persons found guilty of high treason.

    جہا نتک مجھے یاد ہے ہماری کتابوں لکھا تھا کہ آئین میں تحریف کی سزا موت ہے

    بات صرف آئین کو اُس کی اصل روح کے مطابق نافذ کرنے کی ہے

    میرے خیال دعاؤں سے زیادہ اہمیت اس وقت عمل کی ہے
    والسلام
    زرقا

  19. السلام علیکم
    پنہاں جی
    بہت دن بعد آپ کو بلاگ میں دیکھ کر خوشی ہوئی
    آپ نے بجا فرمایا
    تمیز خیر و شر ہر مسلے کی بنیاد ہے
    والسلام
    زرقا

  20. وعلیکم السلام زرقا مفتی صاحبہ.
    خدا آپ کو سدا سکھی رکھے. آمین.
    بہت اچھا لگا آپ کا میرے تبصرے پر تبصرا کرنا. جیتی رہیے.
    اب میں واقعی سوچتا ہوں (کہ محسوس ہؤا ہے) کہ میں تبصرا یا بلاگ شاید کچھ پیچیدہ زبان میں لکھتا ہوں کہ سمجھنے میں دشواری پیش آرہی ہے پڑھنے والوں کو. یا تو ایسا ہے کہ میرے تبصرے یا بلاگ جسامت کے حساب سے تھوڑے طویل ہوتے ہیں، ممکن ہے یہ وجہ ہو. کہ میں جو بات کہنا چاہتا ہوں وہ ہی کسی نہ کسی حساب سے ہم سب کے دلوں میں پہلے سے ہوتی ہے. (شاید یہ وجہ ہو!)
    دیکھیں نہ میں نے لکھا کہ: ” ملک مذہب کے نام پر چلانا بہت مشکل ہے.”
    اور آپ نے سمجھا کہ: “مذہب کی بنیاد پر حکومت نہیں چلائی جا سکتی.”
    اب آپ ہی حساب لگالیں، کہ میں نے کیا لکھا اور آپ نے کیا مطلب لیا.
    …………………..
    دوسری بات: آپ نے لکھا کہ: “ایران کی اسلامی حکومت مذہب کی بنیاد پر چل رہی ہے اور انشاللہ چلتی رہے گی.” انشااللہ چلتی رہے گی. میری بھی دعا ہے.
    باقی ایران اور پاکستان میں بہت فرق ہے. لہٰذا ایرا ن کا مثال پاکستان پر دینا کچھ عجیب سا لگتا ہے. ایران صدیوں سے ایک مستحکم سلطنت رہی ہے. اور آج وقت نے ثابت کیا ہے کہ ماضی بعید میں جو بھی سلطنطیں قائم تھی وہ آج بھی ایک مضبوط ریاستوں کی شکل میں پائندہ ہیں. وہاں عوام کے دلوں میں جذبہ حب الوطنی میڈیائی انجیکشن کی مدد سے دی نہیں جاتی، کیونکہ ایرانی بنیادی طور پر ایرانی ہیں، اپنے جدٍ امجدوں سے. صدیوں سے. لیکن میرا یا آپ کا دادا جب پیدا ہوئے تھے تب انہوں نے پاکستان کا لفظ نہیں سنا ہوگا.
    محترمہ بہن، یاد رکھیے یہ جذبہ جب تک ہمارے جین میں نہیں بیٹھ جاتا اور جسے صدیاں لگتی ہیں تب کہیں اس کے پیدائشی اثرات ظاہر ہونا شروع ہوجاتے ہیں.
    انشاءاللہ ہم سب اس امید سے ہیں.
    خیر اندیش
    فیاض امر

  21. معاف کیجیے میں آپ کے اس خیال سے متفق نہیں کہ مذہب کی بنیاد پر حکومت نہیں چلائی جا سکتی
    ایران کی اسلامی حکومت مذہب کی بنیاد پر چل رہی ہے اور انشاللہ چلتی رہے گی

    میں آپ کی بات سے بالکل متفق ہوں مذہب کے نام پر حکومت چلائی جاسکتی ہے اور بہتر چلائی جاسکتی ہے جس کی مثال آپ دے چکی ہیں کچھ نام نہاد دانشور خوامخواہ مذہب کی مخالفت کرکہ خود ماڈرن ثابت کرنا چاہتی ویسے دین سے حکومت سے بڑہ کرکوئی حکومت نہیں ہوتی۔

  22. السلام و علیکم آپا ۔۔ کیسی ھیں ۔ بہت دنوں بعد دیکھا آپ کو ۔۔ میں کافی دنوں سے سوچ رھی تھی کہ آپ سے بات کروں پر میری (دو ٹکیا دی) نوکری نے مہلت نہ دی ۔۔ خوب کہا کہ مسلئے خیر و شر کے ھیں ۔۔

    ظہور بھائی حیرت کی بات ھے کہ کہ باقی سارے ترقی یافتہ ملک اپنے مذھب اور قومی ترانوں کو گائے بجائے بغیر ھی برسوں سے بہترین حکومت چلا رھے ھیں اور حیرت یہ بھی کہ ان کے دانشور کبھی اپنے مذھب کاپرچار بھی نہیں کرتے مگر پھر بھی ماڈرن ھسٹری اور فلاسفی اور ادب میں بہت بڑے مقام رکھتے ھیں ۔۔ آخر ھمارا مذھب اتنا Insecure یعنی غیر محفوظ کیوں ھے کہ اسے کبھی ملاں سنبھالتے ھیں تو کبھی وہ آیئن میں پناہ ڈھونڈتا ھے ۔۔ توکبھی دانشوروں کی جھولی میں گر جاتا ھے ۔۔ اللہ کے واسطے ۔۔ سمجھے بات کو ۔۔ اسلام کی جگہ دلوں اور زہنوں میں اسے سمجھنے اور پھر عملا قائم کرنے کے لیئے ھماری انفرادی زمہ داری کے بعد اجتماعی زمہ داری ھے ۔۔ اسے یہاں وہاں رکھ کر ھم کوتاھی کر رھے ھیں اور حقیقت سے نظریں چرا رھے ھیں ۔۔

    یہ ایسا ھی کہ جیسے کوئی کسی سے کہے کہ میری عزت کیا کرو ۔۔ تو اس کامطلب کیا ھوا ۔۔ یہی نا کہ اس شخص میں ایسا کوئی ھنر ھوتا تو اسے اپنی عزت کرنے کے لییئے کہنا ھی نہیں پڑتا ۔۔ بلکہ سب خود بخود کر رھے ھوتے ۔۔ تومیرے بھائی جب مذھب زبانی جمع خرچ سے آزاد ھو جائے گا ۔۔ اور جب ھر دل میں ہر ایک کے عمل میں بسیرا کرے گا ۔۔ تب ھر گھر سے اچھے دین دار لوگ اٹھیں گے تو حکومت بھی تو انہیں لوگوں سے بنیں گی ۔۔!اور جن پر حکومت ھو گی وہ بھی اسی طرح کے ھونگے ۔۔

    تو آیئے پہل کرتے ھیں اور سب سے پہلے اپنے دل کو کشادہ کرتے ھیں اور تحمل اور برداشت سیکھتے ھیں اوو ایک دوسرے کو عزت سے سننے کی کوشش کرتے ھیں ۔۔اورھر اچھی بات کو اپنے عمل میں لاتے ھیں چاھے وہ کسی نے بھی کہی ھو ۔۔

  23. السلام علیکم
    ترازی صاحب
    آپ نے بجا فرمایا ہم قیام پاکستان کے مقاصد کو فراموش کر چکے ہیں
    تحریکِ پاکستان کا نعرہ تھا
    پاکستان کا مطلب کیا ۔ لا الہ الااللہ

    پاکستان کے حصول کا مقصد
    ایک ایسی مملکت کا قیام تھا جہاں مسلمان زندگی کے تمام شعبوں میں اسلام کے اصولوں کو نافذ کرکے ایک ایسا معاشرہ تعمیر کرسکیں جو ان کی تہذیب اور ان کی ملی اقدار کا پوری طرح آئینہ دار ہو اور جسے وہ دنیا کے سامنے ایک نمونے کے طور پر پیش کرسکیں

    آپ سے درخواست ہے کہ دو تین ذیلی مسائل پر روشنی ڈالیے
    والسلام
    زرقا

  24. فیاض صاحب
    السلام علیکم
    معاف کیجیے میں نے آپ کا مطمع نظر ایک جملے سے نہیں اس بلاگ پر آپ کے تمام مراسلات سے اخذ کیا ہے
    آپ نے لکھا ہےکہ

    باقی ایران اور پاکستان میں بہت فرق ہے. لہٰذا ایرا ن کا مثال پاکستان پر دینا کچھ عجیب سا لگتا ہے. ایران صدیوں سے ایک مستحکم سلطنت رہی ہے. اور آج وقت نے ثابت کیا ہے کہ ماضی بعید میں جو بھی سلطنطیں قائم تھی وہ آج بھی ایک مضبوط ریاستوں کی شکل میں پائندہ ہیں. وہاں عوام کے دلوں میں جذبہ حب الوطنی میڈیائی انجیکشن کی مدد سے دی نہیں جاتی، کیونکہ ایرانی بنیادی طور پر ایرانی ہیں، اپنے جدٍ امجدوں سے. صدیوں سے. لیکن میرا یا آپ کا دادا جب پیدا ہوئے تھے تب انہوں نے پاکستان کا لفظ نہیں سنا ہوگا.

    میں نے شاید پہلے بھی لکھا تھا کہ میں علامہ اقبال کے نظریہ کی حامی یا معتقد ہوں جس کے مطابق مسلمان ایک ملت ہیں۔ اس لیے ایران ہو یا توران کوئی فرق نہیں پڑتا

    مجھے آپ کا یہ استدلال کہ ماضی بعید کی سلطنتیں آج بھی مظبوط ریاستوں کی شکل میں پایندہ ہیں تسلیم نہیں

    سلطنتِ روم کا وجود کہاں ہے
    فراعین کی مملکت کہاں ہے

    امریکہ جس کی کوئی تہذیبی تاریخ نہیں کیوں اتنا طاقتور ہے

    ایک ضمنی سوال ہے کیا آپ سمجھتے ہیں کہ روس اور چین کو اشتراکیت ترک کر دینی چاہیے

    ایک اہم حقیقت یہ بھی ہے کہ برصغیر پاک و ہند کبھی کبھی سیاسی یا ریاستی وحدت کی شکل میں موجود نہیں رہا

    ہندوستان دنیا کے ان چند خطوں میں سے ہے جو کثیرالنسلی کہلاتے ہیں ۔ اِس حقیقت کو مت بھولیں کہ جسے آج ہندوستان کہا جاتا ہے وہ مختلف ممالک تھے، اِن ممالک میں رہنے والے لوگ اپنے آپ کو ایک دوسرے سے الگ نسل تصور کرتے تھے اور ہیں ۔ لیکن اِن تمام نسلوں کو چھان بین کر ماہرین بنیادی طور پر ہندوستان میں دو نسلوں میں تقسیم کرتے ہیں، ایک آریائی اور دوسرے ڈریویڈین ۔
    ہندوستان کے مغرب اور شمال میں بسنے والی اقوام کا نسلی طور پر زیادہ تعلق جن میں پاکستان میں بسنے والے لوگ شامل ہیں وسطی ایشائی ممالک سے ملتا ہے، اور تاریخ کے ایک غالب حصہ تک یہ علاقہ ہندوستان کی بجائے ایرانی سلطنت کا حصہ رہے ہیں ۔ اِس لئے یہ سمجھنا درست نہیں کہ ہندوستان میں بسنے والے تمام لوگ ایک نسلی وحدت سے تعلق رکھتے ہیں ۔

    میرے خیال میں سرحدیں بنتی بگڑتی رہتی ہیں ہم اگر ماضی میں ہی زندہ رہنا چاہتے ہیں تو کیوں نہ ایک آدم کی اولاد بن جائیں دین فطرت اسلام پر ایمان لے آئیں اور اللہ کی حاکمیت پوری دُنیا پر قائم کر دیں

    میرے اجداد ان صوفیا میں سے تھے جو اپنی جائے پیدائش چھوڑ کر تبلیغِ اسلام کے لیے ہندوستن آئے تھے اس لیے مغرب کے تصورِ وطنیت پر ہمارا اعتقاد نہیں
    میرے نانا دادا دونوں ہی تحریک ِ پاکستان میں شامل تھے
    ہمارے لیے ساری زمین اللہ کی ملکیت ہے

    والسلام
    زرقا

  25. محترم بہن زرقا، وعلیکم السلام
    اب آپ خود ہی اپنے آباؤ اجداد کا سنا کر اپنے ماضی میں رہنا چاہتی ہیں ضرور رہیں پر مودبانہ گذارش ہے کہ اسلامی تاریخ کا مطالعہ ایک بار اور ضرور کیجیئے گا اور سوچیئے گا کہ میں نے کیا کہنا چاہا ہے ۔بحرکیف میں اختلاف رائے کو ہمیشہ مثبت دیکھتا ہوں اور لکھتا ہوں ۔ اب جبکہ آپ کو میری بات سمجھ نہیں آرہی تو اس موضوع پر مزید کچھ لکھنے سے قاصر ہوں ۔سلامت رہیں

  26. السلام علیکم
    نگہت جی
    میں اب تک منتظر ہوں کہ آپ پاکستان کےکچھ مسائل کی نشاندہی کریں اور پھر ان کا کوئی حل تجویز کریں
    اس سلسلے میں آپ کے موصول ہونے والے آخری خط کو پڑھ کر میں کچھ حیرت کا شکار ہوں
    کیونکہ اس میں لکھا ہوا ایک پیرا گراف آپ کے طرزِ تکلم سے یکسر جدا ہے

    دوسری بات یہ کہ آپ اللہ کا واسطہ بھی دے رہی ہیں اور یہ بھی سمجھ رہی ہیں کہ ہمارا مذہب insecure ہے

    دنیا میں ہر قسم کے طرزِ حکومت کے تجربے ہوتے رہتے ہیں۔ اسلام سے پہلے دُنیا کی تقریبآ مملکت میں بادشاہی نظام رائج تھا ۔ روم میں اشرافیہ کی حکومت تھی لیکن اقتدار چند خاندانوں کے ہاتھ میں ہی تھا۔ بادشاہت کے تصور کو اسلامی نظامِ حکومت نے ہی رد کیا۔
    خلافت راشدہ کے بعد صحیح معنوں میں اسلامی حکومت صرف خلیفہ عمر بن عبدالعزیز کی رہی ہے
    اس کے بعد ایران کی حکومت کو اسلامی کہا جا سکتا ہے

    قومیت کا نظریہ پہلی جنگِ عظیم کے بعد وجود میں آیا
    اور ہم میں سے کچھ دانشور اسی کے معتقد ہو گئے

    دُنیا نے سرمایہ کارانہ نظام کی پیدا کردہ جمہوریت کو بھی موقع دیا اور کارل مارکس کے بنائے ہوئے نظام کو بھی

    تو اللہ کے بنائے ہوئے نظام کو موقع کیوں نہیں دیا جا سکتا

    والسلام
    زرقا

  27. السلام علیکم
    فیاض صاحب
    الحمد للہ میں زمانہء حال میں زندہ ہوں اور عصری تقاضوں کو خوب سمجھتی ہوں
    اسی لیے پاکستان کو باسٹھ سال سے قائم ایک حقیقت تسلیم کرتی ہوں۔
    آپ کی یاد دہانی کے لیے آپ نے لکھا تھا

    لیکن میرا یا آپ کا دادا جب پیدا ہوئے تھے تب انہوں نے پاکستان کا لفظ نہیں سنا ہوگا.

    اس کے جواب میں میں نے واضح کیا میرے اجداد کون تھے اور میرے نانا دادا نے پاکستان کا لفظ سنا ہی نہیں اپنا نصب العین بھی بنایا

    میں آپ کی ممنون ہوں کہ آپ نے اس بلاگ میں اپنی رائے پیش کی

    والسلام

    زرقا

  28. زرقا پلیز غور سے پڑھو میں نے یہ نہیں کہا کہ اسلام Insecure ھے ۔۔ بلکہ میرے کہنے کامقصد یہ تھا اکہ اس طرح سے اسلام اسلام صرف زبانی جمع خرچ کرنے سے غیر محفوط محسوس ھوتا ھے ۔۔ھمارے اسلام ھی کو کیوں ھر وقت ایک ملاں یا آیئن یا کسی دانشور کی ضرورت رھتی ھے ۔۔ ؟ ھم کیوں نہیں سب سے پہلے خود اسلام کے پابند ھوتے ۔۔۔ ھم دنیا کی ھر کتاب پڑھ اور سمجھ سکتے ھیں سوائے قران پاک سمجھنے کے ۔۔ میں اس بات پر یقین رکھتی ھوں کہ اسلام کو ملاں مولوی یاکسی دانشور نے ٹی وی پر اپنے وعظ سے نہیں پھیلایا بلکہ ھم نے تم نے اپنے نظریات اور عمل سے پھیلایا ھے ۔۔اور الحمدوللہ آ سٹریلیا جیسے ملک میں رھتے ھوئے اسلامی شناخت بنائی ھے ۔۔ یقین کرو اسلام کی خوبیاں اور خامیاں سب سے پہلے ھم سے پھیلتی ھیں ۔۔یہ ملاں مولوی اور دانشور تو بعد میں آتے ھیں ۔۔ میں نے اپنی کہانیوں میں بارہا اسی کی طرف توجہ دلائی ھے کہ عالموں اور دانشوروں کو اپنے تخلیقی اور تبلیغی منصب پر رھنے دیں ۔۔انہیں Spacialst کے طور پر لیں یعنی جب کوئی مسلہ سمجھ نہ آ جائے تو ان سے رجوع کریں ۔۔ ۔۔۔

    جس طرح اور ملکوں کے حکومتی امور میں ان کے مذھب آڑے نہیں آتے اسی طرح پاکستان میں بھی اسلام جیسے پیارے دین کو “ آرے “کی طرح استعال نہ کیا جائے ۔۔اس لیئیے کہ مجھے یقین ھے کہ ھم سب مسلمان ھیں ۔یقینا گورمنٹ ایسے ھی آیئن اور منشور یاپالیسیسز بنائے گی جو اسلامی اقدار اور حد بندیوں کے اندر ھونگی ۔۔۔ آخر ایک بار ایسا تجربہ کر لینے میں اور یقین کرنے میں کیا حرج ھے ۔۔

    ۔۔۔ بحرحال میرے پاس یہی حل ھے کہ ھمیں عملی طور پہلے انفرادی اسلامی تعلیمات کے لیئے خود سے شروعات کرنی ھونگی ۔۔ اور اسی طرح سے ھم اپنا ملک رھنے کے قابل اور دنیا بھر میں اپنی اجتماعی شناخت بنا سکتے ھیں ۔۔ اب یہی دیکھو ایک زرا سے بلاگ کے پلیٹ فارم پر ایک دوسرے کی زرا سی اختلافی رائے سے اختلاج ھونے لگتا ھے , ملکی لیول پر تو کیا ھی بات ھو جہاں زرا زرا سی بات پر بیچ میں بیچارہ اسلام آ جاتا ھے جس پر سب اپنے غبار نکالتے ھیں اور پھر دوسروں کو بے دین ، کافر ، ملحد کہہ کر تو کبھی آزاد خیالی کی مہر لگا کر کر اپنی زمہ داری سے سبکدوش ھوتے ھوئے بعد میں ھنسی خوشی رھنے لگتے ھیں ۔ ۔یہ ھٹ دھرمی ، بے حسی اور کم علمی اور عدم برداشت کی انتہا نہیں تو اور کیا ھے ؟ ۔

    ایک بار آخر میں پھر یہی کہونگی کہ دیکھو ایک ملک میں کئی مذاھب کے لوگ اور مختلف فکرو نظر کے لوگ رھتے ھیں ۔۔ ان سے نبھاہ کے لیئیے ایک لائحہ عمل ضرور ھونا چاھیئے ۔۔جو یقین اسلامی حدود میں رھتے ھوئے عہد حآضر کے تقاضوں کو پورا کرتا ھوا ھونا چاھیئے ۔۔ایسا آیئن ھم تم تونہیں بنایئں گے نا ۔۔ جوپالیسی ساز اداریں ھیں ان کا کام ھے ۔۔ سو جب وہ ایماندار, تعلیم یافتہ اور اخلاقی طور پر سلجھے ھوئے ھونگے ( انفرادی اسلامی تعلیمات کے تحت ) تو آیئن منشور سب اچھے ھونگے (اجتماعی اسلامی تعلیمات ) ۔۔ پالسیسز کسی ھوں اور ان کے معیار کیا ھوں ۔۔اس کو دھرانے کی ضرورت نہیں کہ وہ تم بہت بہترین طریقے سے پہلے ھی بیان کر چکی ھو …سیانے کہتے ھیں کہ جس کوتم بیٹھے نظر نہ آؤ اسے کھڑے ھو کر مت بتانا ” ۔۔ میں چاھتی ھوں کہ ھم بیٹھے ھوئے سب کو نظر آیئں ۔۔
    اور ایسا ممکن ھونا ۔۔ اپنے اخلاق کو سنوارنے کی انفرادی زمہ داری اٹھائے کے بغیر ناممکن ھے ۔

  29. السلام علیکم
    نگہت جی
    اسلام کو ملا کی ہر وقت ضرورت نہیں رہتی بلکہ ملا کا روزگار اسلام سے وابستہ ہے
    جہانتک دانشور کی بات ہے
    آپ میرے شروع کئے ہوئے اس بلاگ کو ہی دیکھیے
    میں نے ایران میں اسلامی حکومت کا ذکر کیا اور ظہور صاحب نے میرے تبصرے کی تائید کی
    مگر آپ نے خفگی کا اظہار کیا اور بلاگ کا رُخ کسی اور طرف ہی موڑ دیا

    الحمد للہ ہم اسلام کے پابند ہیں پاکستان میں نوجوان نسل میں قرآن فہمی کی خوش آئند تحریک شروع ہو چکی ہے
    ملا نے تو قرآن پڑھنے یا وظیفہ کرنے کے لیے اپنی اجازت لازم قرار دے رکھی تھی
    لیکن اب لوگ اپنی پسند کا ترجمہ بھی پڑھتے ہیں اور عربی بھی سیکھ رہے ہیںآپ کے لیے شاید نئی خبر ہو کہ 60 سال سے زاید عمر کی خواتین بھی قرآن فہمی کے لیکچر سنتی ہیں
    مجھ سے کسی نے ایک بار پوچھا تھا کہ خدا یا مذہب کی کیا ضرورت ہے

    تو میراجواب تھا کہ تاکہ انسان کسی ضابطہ اخلاق کا پا بند رہے ۔ انسانوں کی دُنیا میں جنگل کا قانون نہ ہو ۔ اپنے حقوق و فرائض کا سب کو علم ہو ۔ آزادی اور حدود کا علم ہو۔ تو اسلام کا نام لینے پر نہ جانے کچھ لوگ سیخ پا کیوں ہو جاتے ہیں۔ مذہبی لوگوں پہ شدت پسندی کا الزام دھرتے ہیں لیکن اسلامی نظام کا نام آتے ہی خود انتہا پسند بن جاتے ہیں۔

    آپ کی اور ملکوں سے کیا مراد ہے؟ مغربی ممالک یا بھارت
    ہمیں مغرب سے کوئی غرض نہیں ہمارے نزدیک اسلام زندگی گزارنے کا فطری طریقہ ہے۔ مغرب نے کلیسا کو حکومت سے الگ کر دیا ہے تو ہم پر اُن کی تقلید کیوں لازم ہے؟ کیا آپ مغرب کے دوہرے اخلاقی معیار سے مطمئن ہیں جہاں عریانی کی آزادی ہے اور پردے پر پابندی ہے۔ جو اسرائیل کو بڑھاوا دیتے ہیں لیکن ایران اور پاکستان اُن کی آنکھوں میں کھٹکتے ہیں۔

    میرا مشورہ ہے کہ آپ پاکستان کے آئین کا مطالعہ کریں اس میں صرف اسلامی سزائیں شامل نہیں بقیہ پورا آئین اسلام کے اصولوں کے مطابق ہے

    ہمیں آئین بنانے کی ضرورت نہیں اس کی صحیح روح کے مطابق اس پر عملدرآمد کی ضرورت ہے

    ہمیں خواندگی کی شرح بڑھانے کی ضرورت ہے

    دیہات کی عوام میں سیاسی شعور پید ا کرنے کی ضرورت ہے
    میں چاہتی ہوں کہ امام مسجد کم از کم ایم اے اسلامیات ہو ۔ جمعے کے خطبات کے لیے پی ایچ ڈی کی سطح کے عالم مقرر ہوں۔ جو نئے زمانے کے چیلینجز کو سمجھتے ہوں۔

    الیکشن اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ الیکشن میں کم پیسہ خرچ کرکے محب وطن افراد اسملیوں میں پہنچ سکیں

    ہمیں کڑے احتسابی نظام کی ضرورت ہے احتساب کا نظام درست ہو گا تو اخلاق خود بخود سنورتے جائیں گے

    طبقاتی نظامِ تعلیم کو ختم کرنے کی ضرورت ہے کم از ثانوی سطح تک یکساں نظامِ تعلیم رائج کرنے کی ضرورت ہے

    پاکستان سے برین ڈرین کو روکنے کی ضرورت ہے
    دوہری شہریت رکھنے کے رواج کو ختم کرنے کی ضرورت ہے

    والسلام
    زرقا

  30. زرقا مفتی صاحبہ اور ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کے درمیان جو باتیں ہورہی ہیں ان میں میں حصہ لینے کی جراءت نہیں کرونگا مگر زرقا مفتی صاحبہ کے ان ارشادات پر کچھ لکھنا چاہتا ہوں :

    ” پاکستان سے برین ڈرین کو روکنے کی ضرورت ہے”
    ” دوہری شہریت رکھنے کے رواج کو ختم کرنے کی ضرورت ہے”

    جہاں تک برین ڈرین کا تعلق ہے اسکی وجوہات میں‌ یہ چند ہیں
    1۔ پڑھے لکھے قابل انسانوں کو جب ترقی اور ملازمت کے مواقع نہ ملیں اور میرٹ merit یعنی قابلیت اور صلاحیت کی بجائے اقربا پروری اور رشوت ستانی کے باعث پاکستان میں ہی رہکر آگے بڑھنے کے مواقع نہ ملیں۔
    2۔ ہر قابل انسان کو فطری طور پر باہر کے ممالک میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کی خواہش بھی ہو اور مواقع بھی میسر ہوں ۔ برین ڈرین دنیا کے ہر ملک میں ہوتا ہے ۔ بھارت بھی اس سے مستثنی نہیں ۔صرف ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک سے باہر جانے والے اپنے ملک کو نہ بھولیں اور ہر لحاظ سے اسکی خدمت کریں یا تو باہر رہکر کریں یا پھر ملک میں واپس آکر کریں بشرطیکہ انکو ملک کی بد کرداری اور دہشت گردی، رشوت ستانی وغیرہ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
    ۔۔۔۔۔
    میرے خیال میں یہ مندرجہ بالا وجوہات حل ہوجائیں تو پاکستان کو فائدہ ہے نقصان نہیں۔

    ۔۔۔۔۔۔
    اب رہا دوہری شہریت کو ختم کرنے کا سوال تو اس کا دارومدار بین الاقوامی معا ہدوں پر ہے ۔ پاکستان سےباہر امریکہ میں رہنے والے پاکستانی آئینی اور قانونی طور پر دوہری شہریت نہیں رکھ سکتے ۔ پتہ نہیں انگلینڈ اور یورپ کے دیگر ممالک اوراسٹریلیا اور کنیڈا میں رہنے والے پاکستانیوں کو یہ دوہری شہریت مل گئی ہو مگر امریکہ کے شہری ( سوائے اسرائیلیوں کے ) دوہری شہریت نہیں رکھ سکتے۔ ہاں باہر امریکہ میں رہنے والے پاکستانی جن کے شہریت امریکہ کی ہے انکو میری طرح پاکستان کی حکومت نے پاکستان اوریجن کارڈ POC دیا ہوا ہے ( یہ دوہری شہریت کا درجہ نہیں رکھتا ) جو صرف مزید ویزا کے بغیر پاکستان جانے کی سہولت دیتا ہے ۔ یہ ایک مفید پروگرام ہے اس کو ختم کرنے سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔
    ۔۔۔۔
    اگر کوئی قاری یہ بتا دے کہ دوہری شہریت رکھنے سے پاکستان کو کیا نقصان ہورہا ہے یا اس رواج کو ختم کرنے سے پاکستان کو کیا فائدہ ہوگا تو بات آگے بڑھ سکتی ہے۔
    ویسے میرے خیال میں دوہری شہریت سے پاکستانیوں کو اور پاکستان کو فائدہ ہی ہے نقصان نہیں۔ جن لوگوں کے پاس یہ سہولت موجود ہے وہ یقینی طور پر پاکستان کو فایدہ ہی پہنچا رہے ہونگے نقصا ن نہیں ۔
    ۔۔۔۔۔
    فقط:
    منظور قاضی ( جو امریکہ کا شہری بھی ہے اور پاکستا ن اوریجن کارڈ کا حامل بھی ہے )
    فی الوقت مقیمِِ جرمنی

  31. السلام علیکم
    قاضی صاحب
    آپ کے تبصرے کے لیے ممنون ہوں
    علم حاصل کرنے کے لیے بیرونِ ملک جانا اچھی بات ہے۔
    برین ڈرین روکنے کا مطلب یہ ہے کہ
    ہم اپنے اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کے لیے اپنے ہی ملک میں روزگار کا بندوبست کریں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں ممد و معاون ثابت ہوں

    پچھلے دس سال سے ایک نیا رحجان شروع ہوا ہے
    کہ ہر اعلیٰ افسراور سیاستدان کے بچے کینیڈا آسٹریلیا انگلینڈ یا امریکہ میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں حالانکہ ان میں سے اکثریت کے جائز ذرائع آمدن اس بات کی اجازت نہیں دیتے
    ایسے اکثر افسران اور سیاستدان دوہری شہریت کے حامل ہیں یا پھر ملٹی پل ویزے کے
    ان میں سے اکثر وہاں فلیٹ یا گھر کے مالک بھی ہیں اور سال میں دو مرتبہ بیرونِ ملک دوروں پر جاتے ہیں
    ان میں سے کسی کی کرپشن سامنے آئے تو آرام سے چار پانچ سال دوہری شہریت کے بل پر گزار لیتے ہیں اور حالات کی موافقت پر واپس آ جاتے ہیں

    کچھ لوگوں نے خلیج کی ریاستوں میں شہریت حاصل کر لی ہے

    اس رحجان کو ختم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ بہت سا فارن ایکسچینج ہر سال خرچ ہوتا ہے
    ہمیں اپنے ملک کی درسگاہوں کے معیار کو بڑھانا ہے تو سرکاری افسران پر لازم ہونا چاہیے کہ اُن کی اولاد کم از گریجوایشن ملک سے کرے
    اور صرف سکالر شبپ حاصل کرنے والے طلبہ کو بیرونَ ملک بھیجا جائے

    اس سے کہیں بہتر ہے کہ ہم دُنیا کی مشہور درسگاہوں کی علاقائی برانچیں پاکستان میں کھلوائیں
    جس طرح کیمبرج کے امتحانات اور اے سی سی اے کے امتحانات پاکستان میں ہوتے ہیں اس طرز پر اور پروگرام شروع کئے جائیں

    ہماری یونیورسٹیز سے حکومت کے پیسے پر ڈاکٹر اور انجینیر بن کر لوگ قوم کی خدمت کی بجائے باہر روانہ ہو جاتے ہیں اور پھر وہیں کے ہو کر رہ جاتے ہیں۔ ڈاکٹرز اور انجینئرز کو کم از کم پانچ سال ملک کی خدمت انجام دینی چاہیے

    ہم اپنے سالانہ بجٹ کا چالیس فیصد قرضوں کی واپسی یا سود کی ادائیگی پر خرچ کرتے ہیں جس کے لیے ہمیں زرِ مبادلہ کی اشد ضرورت رہتی ہے
    لیکن ہم اپنا قیمتی زرِ مبادلہ سامانِ تعیش پراور بیرونِ ملک دوروں پر خرچ کرتے ہیں

    اگر آپ کے خیال میں دوہری شہریت رکھنے والے پاکستان کو فایدہ پہنچا رہے ہیں تو ضرور شیئر کیجیے

    والسلام
    زرقا

  32. میں زرقا مفتی صاحبہ کی تمام باتوں سے اور انکے پیش کیے ہوے تمام طریقوں سے اتفا ق رکھتا ہوں۔
    زرقا مفتی صاحبہ کو شاید علم ہے کہ میں چونکہ پاکستان سے باہر رہتا ہوں اس لیے مجھے پاکستان میں رہنے والوں کے مسائل سے اتنی واقفیت نہیں جس قدر پاکستان کےاندر رہنے والوں میں ہے ۔ خاص طور پر پاکستنان کے سرکاری افسروں کی پاکستان کا زرِ مبادلہ باہر بھجوانے کا اور دوہری شہریت سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کو مالی نقصان پہنچا نے کا حال اور پاکستان کی مدد سے باہر جاکر اعلی تعلیم حاصل کرکے وہیں باہر رہجانے کا حال یہ سب حالات مجھے اتنی تفصیل سے معلوم نہیں تھے جتنی تفصیل سے زرقا مفتی صاحبہ نے لکھا ۔ ان تمام پاکستان دشمن حرکتوں کو روکنا پاکستان کی حکومت کے لیے ضروری ہے ۔

    چونکہ میرے پاس دوہری شہریت نہیں اس لیے میں اس معاملہ میں کچھ اور نہیں کہ سکتا ۔

    میرا خیال ہے کہ اس بلاگ کو پڑھنے والے وہ تما م قاری جو دوہری شہریت رکھتے ہیں وہ اس بلاگ میں لکھ سکتے ہیں کہ انکی دوہری شہریت سے پاکستان کو فائدہ پہنچ رہا ہے یا نقصان ۔ اور اگر نقصان پہنچ رہا ہے تو اسکو روکنےکے کیا طریقے ہیں۔
    فقط:
    منظور قاضی از جرمنی

  33. میں پہلے بھی کہیں لکھ چکا ہوں کہ پاکسان اور مسلم دنیا کا صرف ایک مسئلہ ہے اور وہ ہے تعلیم کا فقدان۔ 80 فیصد مسلمان لکھ پڑھ نہیں سکتے۔ اس مرض کی دوا یعنی تعلیم بھی دنیا میں موجود ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ مرض اور دوا کے درمیان جو جاگیرداری، بادشاہت اور جابروں کی بلند دیواریں کھڑی ہوئ ہیں اُنہیں کیسے گرایا جائے۔ اگر یہودیوں کی طرح ہمارے عوام کے پاس تعلیم ہوگی تو وہ دنیا پر راج کریں گے۔ اگر شہنشاہِ ایران دس برس میں ایران کو فرانس یا جرمنی بنانا چاہ رہا تھا تو اس میں کیا نقصان تھا۔ ملاؤں نے تیس برس میں کون سے تارے توڑ لئے یا کتنی دودھ کی نددیاں بہادیں۔

    نہ سمجھو گے تو مٹِ جاؤ گے تم اہلِ وطن یکسر
    تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں

  34. السلام علیکم
    جعفری صاحب آپ کے تبصرے کے لیے ممنون ہوں
    آپ نے بجا فرمایا تعلیم کو ہماری پہلی ترجیح ہونا چاہیے
    ایران کی ترقی ملا یا اسلام کی وجہ سے نہیں رُکی بلکہ ایک لمبا عرصہ جاری رہنے والی ایران عراق جنگ کی وجہ سے رُکی
    انقلابِ ایران کے بعد مغرب نے بہت سی معاشی پابندیاں بھی لگا دی تھیں
    والسلام
    زرقا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *