ماہ صیام کے موسم بہار میں قران پاک میں لکھی دعاؤں کا منظوم نذرانہ

small_ramazan special small
اللہ کا بے شمار شکر ہے کہ ہم سب کو ایک بار پھر ماہ رمضان کی برکتیں اور فضیلتیں ملنے والی ہیں ۔ بیشک یہ پاک رب کی مہلت ہی ہے جو ہمیں نصیب ہونے جا رہی ہے ۔

یہ وہ ماہ مبارک ہے جس میں جنت کے دروازے کھول دئے جاتے ہیں ، نا صرف جہنم کے دروازے بند کردئے جاتے ہیں بلکہ شیطانوں کو بھی بند کر دیا جاتا ہے اور نیکیوں کے اجر اللہ پاک اپنی مہربانی سے بڑھا کر بے حد و حساب فرما دیتے ہیں ۔۔ جس کو پانے کے لئے ہر رات اعلان کیا جاتا ہے

”اے خیر کے متلاشی !
آگے بڑھ
اور
اے شرکے طلبگار !
پیچھے ہٹ“۔

انہی راتوں میں سے ایک رات ایسی بھی ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے ۔ جواس ماہ کے خیرسے محروم رہا وہ واقعی محروم ہے ۔

دوستو !
بس یوں سمجھئے کہ روزہ ، تلاوت ِقرآن، صدقات وخیرات ، قیام اوردعا واستغفار جیسی نیکیوں کے موسم بہار کی آمد آمد ہے ۔ سو اپنے گھر کو سجایئے ۔ اپنے دلوں کو تیار کیجئے اور چہروں پر خوشیاں سجایئے، آنکھوں کو مجسم انتظار کیجئے کہ اللہ جل شانہ ہو کا مہینہ آیا چاہتا ہے ۔

کہتے ہیں اللہ والے رمضان المبارک کاچھ مہینہ پہلے سے انتظار کرتے تھے ، مشہور تابعی معلی بن فضل رمضان المبارک کے بارے میں صحابہ کرام کے اشتیاق کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ وہ چھ ماہ پہلے سے یہ دعا کرتے تھے کہ ”اے اللہ ! ہمیں ماہِ رمضان کی سعادت نصیب فرما“ ۔ پھر جب رمضان کا مہینہ گذرجاتا تو بقیہ چھ ماہ دعا کرتے ”اے اللہ! جن اعمال کی تونے توفیق دی وہ قبول بھی فرمالے “۔

زرا سوچیئے تو کتنے لوگ جو پچھلے رمضان میں ہمارے ساتھ تھے پر آج مدفون ہیں ۔ کتنے جسم صحتمند تھے وہ آج لاغر ہیں ۔۔کتنے چہرے ہشاش بشاش تھے پر آج غم و دکھ سے نڈھال ہوش کھوئے بیٹھے ہیں ۔ کیوں نا ہم سب بھی یہ رمضان اپنا آخری رمضان سمجھ کر گزاریں تاکہ ماہ صیام کا چاند دیکھتے ہی ہم سب بھی یہی دعا مانگیں ۔۔

”اے اللہ!
تو یہ چاند ہم پر امن وایمان اورسلامتی واسلام کے ساتھ طلوع کرنا۔۔۔ اے چاند میرا اورتیرا رب اللہ ہے “۔

آئیے ماہ صیام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لئے کچھ باتیں سوچتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ اس عمل بھی کر یں ۔

٭ ہم اس ماہ مبارک میں عاجزی ، انکساری اور ایثار کی صفت پیدا کرنے کی کوشش کریں گے جو روزہ کا ماحصل ہے ۔

٭ اپنے مشاغل اور مصروفیت کا ایمانداری سے جائزہ لیں گے تاکہ حقوق العباد پر زیادہ سے زیادہ توجہ کر سکیں ۔ خبر گیری سے لے کر ان کی دکھ درد میں ہاتھ بٹا سکیں ۔

٭ زیادہ سے زیادہ توبہ استغفار کریں گے ۔ اور آئیندہ گناہوں میں کمی کے لئے اللہ کی مدد زیادہ سے زیادہ مانگیں گے ۔

٭ کوشش کر کے پانچ نمازوں کا اہتمام خود بھی کریں گے اور احباب کو بھی نرم خوئی سے یاد دہانی کروائیں گے ۔

٭ زیادہ سے زیادہ قران پاک پڑھنے کا اہتمام کریں گے اور اس کی روح کو سمجھنے کی بھی کوشش کریں گے۔

٭ ماہ صیام کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کریں گے۔

٭ ایک دوسرے سے معافی مانگنے کا اہتمام کریں گے ۔ ایک دوسرے سے صرف بھلائی کریں گے ۔ بدکلامی اور فحش گوئی سے کوسوں دور رہیں گے ۔

٭ رمضان مواسات وغم خواری کا مہینہ ہے ، اللہ کے حبیب صلى اللہ علیہ وآلہ وسلم یوں بھی بہت سخی تھے پر رمضان المبارک میں تیز ہوا سے بھی زیادہ سخی ا ورفیاض بن جاتے تھے۔ اس لیے اللہ پاک نے جس قدربھی ہمیں دے رکھا ہے اس میں سے غرباءومساکین کے لیے ضرور نکالیں گے ، اورحسب استطاعت روزہ داروں کو افطار بھی کرائیں گے کہ اس کا اتنا ہی اجر ملتا ہے جتنا خود روزہ رکھنے کا (ترمذی ) ۔

٭ جو احباب دیار غیر میں رہتے ہیں وہ غیرمسلموں سے بلکل روزے کی طوالت اور سختی کی شکایت نہیں کریں گے بلکہ انہیں اپنی خوش اخلاقی اور چستی سے ثابت کرنے کی کوشش کریں گے کہ اسلام کا کوئی حکم مسلمان پر گراں نہیں ہے اور نہ ہی اس کی ترقی میں کوئی رکاوٹ ہے ۔ گویا ہم سب اسلام کے سفیر بنیں گے ۔ انشاللہ

اس ماہ کی برکتیں سمیٹنے کے لئے میری ہر بار یہی کوشش ہوتی ہے کہ کچھ دعاؤں کو منظوم کیا کروں ۔۔ تاکہ ہم سب دل و زہن سے نیکیوں کے موسم بہار میں زیادہ سے زیادہ سکون دل حاصل کریں ۔

اس بار ماہ صیام کی تیاری پچھلے سال ہی سے شروع کر دی تھی ۔ اس بار آپ سب کی دعاؤں سے اللہ پاک نے مجھے پنجتن پاک کے صدقے یہ سعادت عطا کی کہ میں نے “ ربنا “ سے شروع ہونے والی دعاؤں کو منظوم کیا ہے ۔ ان دعاؤں کو تین مختلف تراجم و تفاسیر ( سے استفادہ کرنے بعد منظوم کیا گیا ہے ۔ جنہیں میں انشاللہ ماہ رمضان میں ماہ آپ سب کی خدمت میں پیش کرونگی ۔ اور آپ سب سے دعاؤں کی طالب رہوں گی ۔ ان دعاؤں کی گرافکس میرے محترم بھائی سید اکمل حسین نے بنائیں ہیں ۔ شیخ سعدی دعا کے بارے میں فرماتے ہیں
گرچہ تیر از کماں ہمی گزرد از کماندار بیند اہل خرد
”اگرچہ تیر کمان سے گزرتا ہے۔ لیکن اہلِ خرد کو کمان کے پیچھے ایک کمان والا بھی نظر آتا ہے“

حضرت موسی علیہ السلام سے کسی نے پوچھا کہ جب اللہ کے تیر ، مرض‘ مرگ اور حادثات و غم کی صورت ہر سُو چل رہے ہوں تو ہم کیسے بچیں؟ تو آپ نے فرمایا تیر انداز کے پہلو میں آ جاؤ “
آپ سب سے التجا ہے سب ایک دوسرے کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں کہ غائبانہ دعا سے بڑا کوئی تحفہ نہیں ہے جو ایک دوست اپنے کسی دوست کو دے سکے ۔

طالب دعا
ڈاکٹر نگہت نسیم ۔سڈنی

20 thoughts on “ماہ صیام کے موسم بہار میں قران پاک میں لکھی دعاؤں کا منظوم نذرانہ”

  1. جزاک اللہ ۔ نگہت آپی
    بے شک دعا بہترین ڈھال ھے ۔اور خاص طور پر رمضان کی عبادات اور دعاؤں کے مقبول و مستجاب ھونے میں کوئ شک نہیں ۔ مولا پاک بحق معصومین (ع)ھم سب کی دعائیں قبول فرماۓ ۔آمین

  2. اسلام علیکم
    آپ سب کو رمضان مبارک ہمارے یہاں کل پہلا روزہ ہے ۔اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں صحت اور حلاوت کے ساتھ روزے رکھنے اور عبادت کی توفیق عطا فرمائے ۔
    اللہ بہت رحیم و کریم ہے وہ اپنے بندوں کی نیتوں کا حال جانتا ہے ، بس دعا ہے کہ ہماری نیتیں عبادت اور قربانی کی ہوں دکھاوے اور شر کی نہ ہوں ۔کہ تمام اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے اس لئے نیتوں کی صفائی کی دعا بھی ضرور کرنی چاہئے کہ جہاں کہیں نیت میں دکھاوا یا غرور یا خود نمائی یا شہرت آجاتی ہے عمل وہیں ختم ہوجاتا ہے اس لئے اپنے اعمال کا پھل حاصل کرنے کے لئے ہمیں اپنی نیتوں پر کڑا پہرہ رکھنا چاہئے ۔
    اس ماہ میں کوشش کرینگے کہ ہم خلوسِ نیت کو اپنا سکیں ۔دنیا ہی سے ہم دین کماتے ہیں کہ یہ ہی ہماری امتحان گاہ ہے ۔یہ اللہ رحیم و کریم کا بہت کرم ہے کہ اس نے ہمیں ایک ماھ ایسا دیا جس میں تزکیہ نفس کیا جاسکتا ہے ۔اس لئے اس ماہ میں اپنی بساط بھر اچھائیاں سمیٹنے کی کوشش کرینےگے انشاء اللہ
    اللہ سب کو اس ماہ کی تمام برکتیں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے دعا میں ایک دوسرے کو ضرور یاد رکھئے گا ۔خاص کر بچوں کو کہ یہ ہی ہمارا سب کچھ ہیں ۔اللہ سب بچوں کو دین پر ایمان پر قائم رکھے اور ہماری اولاد ہمارے لئے باعثِ رحمت بنے آمین
    عالم آرا

  3. بہت بہت شکریہ ارم سلامت رہو ۔۔ دعاؤں میں ہم سب کو یاد رکھنا

  4. نیتوں کی صفائی کی دعا بھی ضرور کرنی چاہئے کہ جہاں کہیں نیت میں دکھاوا یا غرور یا خود نمائی یا شہرت آجاتی ہے عمل وہیں ختم ہوجاتا ہے اس لئے اپنے اعمال کا پھل حاصل کرنے کے لئے ہمیں اپنی نیتوں پر کڑا پہرہ رکھنا چاہئے ۔
    اس ماہ میں کوشش کرینگے کہ ہم خلوسِ نیت کو اپنا سکیں ۔۔ انشاللہ آپا میں ضرور کوشش کرونگی کہ خلوص نیت کو اپنا سکوں اور اخلاقی بیماریوں “ دکھاوا یا غرور یا خود نمائی یا شہرت “ سے بچ سکوں ۔۔ آپ سب سے دعا کی طالب ہوں ۔

  5. سورت فاتحہ ترجمہ کے ساتھ

    ۱۔ بسم اللہ الرحمن الرحیم
    ۲۔ الحمد للہ رب العالمین۔
    ۳۔ الرحمن الرحیم۔
    مالک یوم الدین
    ۵۔ ایاک نعبد و ایاک نستعین
    ۶۔ اھدنا الصراط المستقیم
    ۷۔ صراط الذین انعمت علیھم غیرالمغضوب علیہم ولا الضالین۔

    ترجمہ
    ۱۔ شروع اللہ کے نام سے جو رحمان و رحیم ہے۔
    ۲۔ حمد مخصوص اس خدا کے لئے جو تمام جہانوں کا مالک ہے۔
    ۳۔ وہ خدا جو مہربان اور بخشنے والا ہے( جس کی رحمت عام و خاص سب پر محیط ہے)۔
    ۴۔ وہ خدا جو روز جزا کا مالک ہے۔
    ۵۔ پروردگار! ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں او رتجھی سے مدد چاہتے ہیں۔
    ۶۔ ہمیں سیدھی راہ کی ہدایت فرما۔
    ۷۔ ان لوگوں کی راہ جن پر تو نے انعام فرمایا ان کی راہ نہیں جن پر تیرا غضب ہوا اور نہ وہ کہ جو گمراہ ہوگئے۔

    آمین .. ثم آمین

  6. سورت فاتحہ کی فضیلت
    ان الابلیس اربع رفات اولھن یوم لعن وحین اھبط الی الارض و حین بعث محمد علی حین فترہ من الرسل و حین انزلت ام الکتاب۔
    شیطان نے چار دفعہ نالہ و فریاد کیا۔
    پہلا وہ موقع تھا جب اسے راندئہ درگاہ کیا گیا۔
    دوسرا وہ وقت تھا جب اسے بہشت سے زمین کی طرف اتارا گیا۔
    تیسرا وہ لمحہ تھا جب حضرت محمد(ص) کو مبعوث برسالت کیا گیا
    اور
    آخری وہ مقام تھا جب سورہ حمد (فاتحہ) کو نازل کیا گیا ۔
    ( نور الثقلین جلد اول ص۴۔)

  7. بیشک یہی عطا ہے جسے عطائے خاص کہا جاتا ہے . لکیروں سے حمد و ثنا ہو یا کہ لفظوں سے سب کچھ انعام پروردگار اور عطائے ربی ہے ورنہ کس میں مجال جو قلم بھی پکڑ سکے۔ اللہ کریم ہم سب پر اپنا فضل تاحیات رکھے اور روز قیامت یہ محبت اور عشق خدا و رسول اور آل رسول اثاثہ شفاعت ہو .. آمین

  8. نیا چاند دیکھنے کی دعا

    اے ہمارے رب!

    ہم پر
    یہ چاند
    امن وایمان
    سلامتی وآن
    کے ساتھ
    طلوع کرنا
    اے چاند !
    میرا اور تمہارا
    رب ایک ہی ہے
    اور
    وہ اللہ سبحان تعالی ہے

    منظوم :ڈاکٹر نگہت نسیم

  9. اللہ سبحان تعالی کے 99 اسمائے گرامی

    1 الرحمن بڑی رحمت والا
    2 الرحيم نہائت مہربان
    3 الملك حقیقی بادشاہ
    4 القدوس نہائت مقدس اور پاک
    5 السلام جس کی ذاتی صفت سلامتی ہے
    6 المؤمن امن و امان عطا کرنے والا
    7 المهيمن پوری نگہبانی کرنے والا
    8 العزيز غلبہ اور عزت والا، جو سب پر غالب ہے
    9 الجبار صاحب جبروت، ساری مخلوق اس کے زیرِ تصرف ہے
    10 المتكبر کبریائی اور بڑائی اس کا حق ہے
    11 الخالق پیدا فرمانے والا
    12 البارئ ٹھیک بنانے والا
    13 المصور صورت گری کرنے والا
    14 الغفار گناہوں کا بہت ذیادہ بخشنے والا
    15 القهار سب پر پوری طرح غالب، جس کے سامنے سب مغلوب اور عاجز ہیں
    16 الوهاب بغیر کسی منفعت کے خوب عطا کرنے والا
    17 الرزاق سب کو روزی دینے والا
    18 الفتاح سب کے لیے رحمت و رزق کے دروازے کھولنے والا
    19 العليم سب کچھ جاننے والا
    20 القابض تنگی کرنے والا
    21 الباسط فراخی کرنے والا
    22 الخافض پست کرنے والا
    23 الرافع بلند کرنے والا
    24 المعز عزت دینے والا
    25 المذل ذلت دینے والا
    26 السميع سب کچھ سننے والا
    27 البصير سب کچھ دیکھنے والا
    28 الحكم حاکمِ حقیقی
    29 العدل سراپا عدل و انصاف
    30 اللطيف لطافت اور لطف و کرم جس کی ذاتی صفت ہے
    31 الخبير ہر بات سے با خبر
    32 الحليم نہائت بردبار
    33 العظيم بڑی عظمت والا، سب سے بزرگ و برتر
    34 الغفور بہت بخشنے والا
    35 الشكور حسنِ عمل کی قدر کرنے والا، بہتر سے بہتر جزا دینے والا
    36 العلي سب سے بالا
    37 الكبير سب سے بڑا
    38 الحفيظ سب کا نگہبان
    39 المقيت سب کو سامانِ حیات فراہم کرنے والا
    40 الحسيب سب کے لیے کفایت کرنے والا
    41 الجليل عظیم القدر
    42 الكريم صاحبِ کرم
    43 الرقيب نگہدار اور محافظ
    44 المجيب قبول کرنے والا
    45 الواسع وسعت رکھنے والا
    46 الحكيم سب کام حکمت سے کرنے والا
    47 الودود اپنے بندوں کو چاہنے والا
    48 المجيد بزرگی والا
    49 الباعث اٹھانے والا، موت کے بعد مردوں کو زندہ کرنے والا
    50 الشهيد حاضر، جو سب کچھ دیکھتا اور جانتا ہے
    51 الحق جس کی ذات و وجود اصلاً حق ہے
    52 الوكيل کارسازِ حقیقی
    53 القوى صاحبِ قوت
    54 المتين بہت مضبوط
    55 الولى سرپرست و مددگار
    56 الحميد مستحقِ حمد و ستائش
    57 المحصى سب مخلوقات کے بارے میں پوری معلومات رکھنے والا
    58 المبدئ پہلا وجود بخشنے والا
    59 المعيد دوبارہ زندگی دینے والا
    60 المحيى زندگی بخشنے والا
    61 المميت موت دینے والا
    62 الحي زندہ و جاوید، زندگی جس کی ذاتی صفت ہے
    63 القيوم خود قائم رہنے والا، سب مخلوق کو اپنی مشیئت کے مطابق قائم رکھنے والا
    64 الواجد سب کچھ اپنے پاس رکھنے والا
    65 الماجد بزرگی اور عظمت والا
    66 الواحد ایک اپنی ذات میں
    67 الاحد اپنی صفات میں یکتا
    68 الصمد سب سے بے نیاز اور سب اس کے محتاج
    69 القادر قدرت والا
    70 المقتدر سب پر کامل اقتدار رکھنے والا
    71 المقدم جسے چاہے آگے کر دینے والا
    72 المؤخر جسے چاہے پیچھے کر دینے والا
    73 الأول سب سے پہلے وجود رکھنے والا
    74 الأخر سب کے بعد وجود رکھنے والا
    75 الظاهر بالکل آشکار
    76 الباطن بالکل مخفی
    77 الوالي مالک و کارساز
    78 المتعالي بہت بلند و بالا
    79 البر بڑا محسن
    80 التواب توبہ کی توفیق دینے والا، توبہ قبول کرنے والا
    81 المنتقم مجرمین کو کیفرِ کردار کو پہنچانے والا
    82 العفو بہت معافی دینے والا
    83 الرؤوف بہت مہربان
    84 مالك الملك سارے جہاں کا مالک
    85 ذو الجلال و الإكرام صاحبِ جلال اور بہت کرم فرمانے والا جس کے جلال سے بندے ہمیشہ خائف ہوں اور جس کے کرم کی بندے ہمیشہ امید رکھیں
    86 المقسط حقدار کو حق عطا کرنے والا، عادل و منصف
    87 الجامع ساری مخلوقات کو قیامت کے دن یکجا کرنے والا
    88 الغنى خود بے نیاز جس کو کسی سے کوئی حاجت نہیں
    89 المغنى اپنی عطا کے ذریعے بندوں کو بے نیاز کرنے والا
    90 المانع روک دینے والا
    91 الضار اپنی حکمت اور مشیئت کے تحت ضرر پہنچانے والا
    92 النافع نفع پہنچانے والا
    93 النور سراپا نور
    94 الهادي ہدائت دینے والا
    95 البديع بغیر مثالِ سابق کے مخلوق کا پیدا کرنے والا
    96 الباقي ہمیشہ رہنے والا، جسے کبھی فنا نہیں
    97 الوارث سب کے فنا ہونے کے بعد باقی رہنے والا
    98 الرشيد صاحبِ رشد و حکمت جس کا ہر فعل درست ہے
    99 الصبور بڑا صابر کہ بندوں کی بڑی سے بڑی نافرمانیاں دیکھتا ہے اور فوراً عذاب بھیج کر تہس نہس نہیں کرتا
    ( خدائے بزرگ و برتر کے اسمائے گرامی مجھ حقیر کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھئے گا

  10. خدا تعالیٰ کی ذات سب سے اعلیٰ، سب سے بلند، تمام صفات سے موصوف اور تمام نقائص سے منزہ اور پاک ہے۔چند اسمائے گرامی جو اﷲ کی آخری کتاب قرآن مجید میں موجود ہیں۔

    رب (پروردگار: 1/1)،

    کافی (کفایت کرنے والا: 39/6)،

    رفیع، (بلند و بالا: 40/15)،

    حافظ (حفاظت کرنے والا: 12/64)،

    مبین (روشن: 24/25)،

    قدیر (طاقتور: 16/70)،

    کفیل (کفالت کرنے والا: 16/91)،

    شاکر، (رضامند: 2/158)،

    اکرام (کرم والا، بزرگی والا 96/3)،

    اعلیٰ (اونچا، اعلیٰ: 87/1)،

    خلاق (تخلیق کرنے والا: 30/41)،

    مولیٰ (ساتھی 6/62)،

    نصیر (مددگار: 4/45)،

    الہٰ (معبود: 18/110)،

    علام الغیوب (غیب کا علم رکھنے والا: 5/109)،

    قاہر (غالب: 6/18)،

    غافر (چھپانے والا: 40/3)،

    فاطر (پیدا کرنے والا: 6/14)،

    ملیک (مالک: 14/55)،

    الحفی (مہربان 19/47)،

    محیط (احاطہ کیا ہوا: 14/54)،

    مستعان (مدد کرنے والا: 12/18)،

    غالب (غلبہ والا: 12/21)،

    شدید (سخت، مستحکم: 40/3)،

    اصدق (سچا: 4/87)،

    جاعل (بنانے والا: 2/30)،

    اعلم (جاننے والا: 2/140)،

    اسرع (جلدی کرنے والا: 2/62)،

    عاصم (بچانے والا 11/43)،

    عالم (جاننے والا: 6/73)،

    اکبر (بہت بڑا: 6/123)،

    فالق (نکالنے والا: 6/95)،

    موہن (کمزور کرنے والا: 8/18)،

    کاشف(کھونے والا: 10/107)،

    راد (ہٹانے والا: 10/107)،

    یدبر الامر (تبدیل کرنے والا: 3/31)،

    اٰخذ (پکڑنے والا: 11/56)،

    قریب (نزدیک:11/61)،

    واق (بچانے والا: 13/34)،

    قائم (قائم، موجود: 13/33)،

    مرشد (ہدایت دینے والا: 18/17)،

    اقرب (زیادہ نزدیک: 18/24)،

    صادق (سچا: 19/54)،

    حاسب (حساب لینے والا: 21/47)،

    متم (پورا کرنے والا: 61/8)،

    ممسک (روکنے والا: 35/2)،

    قابل (قبول کرنے والا: 40/3)،

    ذوالعقاب (بدلہ لینے والا: 14/43)،

    ذوالمغفرۃ (مغفرت والا: 14/43)،

    ذوالفضل (فضل والا: 2/105)،

    ذوالرحمۃ (رحمت والا: 6/13)،

    ذوالعرش (عرش والا: 40/15)،

    ذوالانتقام (بدلہ لینے والا: 3/4)،

    ذوالقوۃ (قوت دینے والا: 15/58)،

    ذی الطول (دولت والا: 40/3) اور

    ذی المعارج (درجات والا: 70/3)
    (بائیں سے دائیں: پہلا عدد سورہ کا نمبر ہے اور دوسرا آیت کا نمبر)
    (تحقیق ویکیپیڈیا)

    اس دعا کے ساتھ کہ اللہ پاک میرے گناہوں کو بخش دے ..اور مجھ سے لکھنے میں جو جو غلطیاں ہوئی انہیں معاف فرما دیں اور میری اس کوشش کو اپنے حبیب کے صدقے میں قبول فرمائیں .. آمین

  11. احادیث میں اللہ پاک کے اسمائے گرامی

    اگر ہم رسول اﷲ کے ارشاداتِ مقدسہ کا مطالعہ کریں تو ہمیں مزید سینکڑوں اسمائے گرامی ملیں گے۔ اُن میں سے چند جو طبرانی، ترمذی، بخاری، مسلم، ابن ماجہ، ابن حیان، ابن خزیمہ، حاکم، صادق اور حافظ ابن حجر کی روایت کردہ احادیث میں مذکور ہیں۔

    کلیم (گفتگو کرنے والا)،

    حاکم (حکومت کرنے والا)،

    برہان (دلیل)،

    منیر (روشن کرنے والا)،

    واقی (اذیت سے بچانے والا)،

    دائم (ہمیشہ رہنے والا)،

    متعالی (بہت اعلیٰ)،

    سامع (سننے والا)،

    معطی (عطا کرنے والا)،

    تامّہ (کامل)،

    حنان (شفقت کرنے والا)،

    ابد (لاانتہا)،

    مثیب (اجر دینے والا)،

    مدبر (آخری)،

    البادی (اوّل)،

    وفی (وعدہ وفا کرنے والا)

  12. میری پیاری دلاری شاہین کی دعا پر ہم سب آمین کہتے ہیں

    ماہ توبہ
    ماہ رمضان
    ماہ غفران
    ماہ مبارکہ
    ماہ برکہ
    ماہ عبادۃ
    ماہ صوم
    ماہ صلاۃ
    ماہ ایمان
    ماہ قران
    سارے عالم اسلام کے لیے خیر وبرکات کا موجب بنے اور ھم اس ماہ مبارکہ کی ساری برکتوں سے فیض یاب ھوسکیں یا رب
    ھم مسلمانوں پر اپنا کرم فرماء امین ثم آمین
    یا رب ھم سب کو
    دکھہ
    پریشانی
    تنگی
    فقر وفاقہ
    مرض
    قرض
    کرب غم
    اندوہ
    مشکل
    بدحالی
    قحط
    افات
    بے روزگاری
    جھوٹ
    ملاوٹ
    چغل خوری
    بدگوئ
    بے ایمانی
    اوقات نماز میں کسل و نوم سے محفوظ رکھنا
    ھم کو قران مجید پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرماء
    امین ثم آمین

  13. دعائے امام زین العابدین (سجاد ) علیہ السلام، استقبال رمضان المبارک ۔۔۔ ڈاکٹر نگہت نسیم

    دعا مانگنا بزات خود ایک سعادت کی بات ہے ۔ لیکن ایسی عا مانگنا جسے اللہ کے محبوب بندوں نے خود مانگا ہو تو اس کی تاثیر پشتینی ہو جاتی ہے ۔ ایسی ہی دعائیں وظائف کا رتبہ بھی پا جاتی ہیں ۔ ایسی ایک دعا جو امام زین العابدین استقبال رمضان میں پڑھا کرتے تھے ۔ یہ وہی امام ہیں جنہیں انتہائی سجدہ گزار تھے کی سید الساجدین کے لقب سے مشہر ہوئے ۔ حضرت امام سجاد علیہ السلام کی اس قدر عاشقانہ عبادات دیکھ کر جب اُن سے کہا جاتا تھا کہ آپ اپنے جد بزرگوار علی علیہ السلام سے کہیں زیادہ عبادت گذار ہیں تو حضرت اظہار فرماتے تھے:
    میں نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے ایک دن کے اعمال میں نظر کی تو مجھ پر واضح ہوگیا کہ میں سال بھر میں بھی ان کے ایک روز کے اعمال کی برابری نہیں کرسکتا۔
    سبحان اللہ ۔۔ سوچئے ہمارے پیارے نبی آخر سرکار عالم شافی کل مکان حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عبادات کا وہ عالم تھا کہ خود خداوند متعال نے قرآن کریم میں فرمایا کہ اپنے آپ کو اس قدر تھکا نہیں دیں ۔

    میں اپنے پاک رب کا کیسے شکر ادا کروں کہ اس نے مجھے پہلی رمضان کی پہلی سحر یہ اعزاز عطا فرمایا کہ امام سید الساجدین کے لب مبارک سے ادا کی ہوئی دعا کو منطوم کروں اور آپ سب احباب سے کہوں کہ اسے پڑھئے اور رمضان کی ایک ایک ساعت کا اجر لیجئے ۔

    دعائے امام زین العابدین (سجاد ) علیہ السلام، استقبال رمضان المبارک ۔۔۔ ڈاکٹر نگہت نسیم

    اعوذ باللہ من الشیطٰن الرجیم
    بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
    اے میرے معبود !
    اے میرے مالک !
    اے میرے پاک رب
    رحمت فرما محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور ان کی آل پاک پر
    ہمیں ہدایت عطا کر
    کہ
    ماہ رمضان کے فضل و شرف اور عظمت کو پہچانیں
    اس کی عزت اور حرمت کو ہر ماہ سے بلند جانیں
    جن چیزوں سے تو نے منع کیا ہے اسے منع جانیں

    اے میرے پاک رب
    ہمارے اعضاء کو نافرمانیوں سے روک دے یارب
    ہمیں غَلَط گوئی اور غلط کاموں سے ٹوک دے یارب
    ہمیں ان کاموں میں الجھا دے جو تری رضا ہو یارب
    ہماری سماعتوں کو نصیب اجر کا ازن دے کر یارب
    ہماری بے محابہ نگاہ کو پردہ و حیاداری دے یارب
    ہمارے دست رسا کو امر ممنوع سے ہٹا دے یارب
    ہمارے شکم پرستی کو پاکیزہ بھوک عطا کر یارب
    ہماری فِکْرِ اِسْتِدْلالی کو باریاب رسائی دے یارب

    اے میرے پاک رب
    رحمت فرما محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور ان کی آل پاک پر
    ہمیں با نصیب کر اور آگہی کے دروازے کھول دے یارب
    ہمیں نماز ہائے پنجگانہ کی پابندی اور سعادت نصیب کر یارب
    ہمیں واجبات انسانی دل سے ادا کرنے کی توفیق عطا کر یارب
    ہمیں پابندی حدود میں رہ کر آداب عشق سیکھا دے کر یارب

    اے میرے پاک رب
    ہمیں ان کے مرتبے پر فائز فرما ۔۔۔
    جو نمازوں میں سب سے آگے تھے
    واجبات کی نشاندہی کرنے والے تھے
    رکوع و سجود میں سب سے ا فضل تھے
    برکتوں کو جاری و سارے کرنے والے تھے
    کامل ، پاکیزگی اور خشوع میں نمایاں تھے
    یعنی وہ تیرے محبوب خاص اور عبد خاص تھے

    اے میرے پاک رب
    ہمیں اس ماہ رمضان مبارک میں توفیق دے
    کہ
    ہم اوروں سے نیکی اور احسان کریں
    عزیزوں سے صلہ رحمی اور بخشش کریں
    ہمسایوں کی خبر گیری اور درگزر کریں
    اپنے اموال کو مظلوموں سے پاک صاف کریں
    زکوات دے کر انہیں پاکیزہ اور طیب بنا لیں

    اے میرے پاک رب
    رحمت فرما محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور ان کی ال پاک پر
    جس طرح
    چاند گھٹتا بڑھتا ہے ایسے ہی ہمارے گناہ محو کر
    جیسے
    سورج دن ختم ہونے پر ڈوب جاتا ہے
    ویسے ہی
    ہمارے گناہوں کا وبال ہم سے دور کر
    اور
    توں اپنی رحمت خاص سے
    اس ماہ رمضان المبارک میں
    ہمیں ساری خطاوں سے پاک کر
    ہمیں سارےگناہوں سے بری کر

    اے میرے پاک رب
    رحمت فرما محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور ان کی ال پاک پر
    اس ماہ رمضان المبارک میں
    اگر ہم حق سے مُنہ موڑیں توہمیں سیدھے سچے راستے پر لگا دینا
    کجروی اختیار کریں تو ہماری اصلاح و دُرستگی فرما دینا
    شیطان ہمارے گرد احاطہ کرے تو اسکے پنجے سے چُھڑا دینا

    اے میرے پاک رب
    اس ماہ مبارک میں
    ہمارا دامن ہماری عبادتوں سے بھر دے
    ان لمحات کو ہماری اطاعتوں سے سجا دے
    ہر شب کو ہماری شب بیدار اور دن کو روزہ داربنا دے
    تیرے حضور اشکباری کریں اور تو ہماری تطہیر کر دے
    اور ہماری عجز و الحاح تیرے روبرو ہمیں زلت سے بچا دے

    اے میرے پاک رب ۔۔
    اے دعاؤں کو قبول کرنے والے مہربان رب
    یہ سب تیرے ازن کے بغیر ناممکن ہے
    ہماری مدد فرما ۔۔۔۔۔۔ ہماری مدد فرما
    آمین ثمہ آمین
    الہی آمین

    ڈاکٹر نگہت نسیم
    سڈنی

  14. ہم عاصیوں کے واسطے رحمت کا سائباں
    کیا ایسا کوئی اور خدا کا رسول ہے
    ( ڈاکٹر نگہت نسیم )

  15. یوں لگ رہا ہے جیسے منور ہے یہ جبیں
    چہرے پہ میرے شہر نبی کی جو دھول ہے
    (ڈاکٹر نگہت نسیم )

  16. رمضان المبارک میں دینا کی سب سے مقدس ترین کتاب قران الحکیم کا نزول ھوا
    دینا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب قرآن الکریم ھے
    قران المجید اللہ تعالی کا کلام ھے
    حضرت جبريئل نےاللہ کے حکم سے سنیہ پیغمبراعظم پر نازل کیا

    قرآن المجید کا نزول لیلہ القدر کو ھوا
    قران المجید کے جمع اور تدوین کا انتظام خود خالق کا ئنات نے کیا
    قرآن مجید کے نزول کا اغاز شہر مکہ سے ھوا

    قران المجید انسانوں کو گمراھی سے بچانے اور ھدایت اور فلاح سے ھمکنار کرنے کے لیے نازل کیا گیا
    قران المجید کے مختلف نام ھیں
    الکتاب
    القران
    الکریم
    النور
    الرحمۃ
    الحق
    اصراط المستقیم
    الحبل
    البلاغ
    الہادی
    العلم
    احسن الحدیث
    البشیر
    العزيز
    الخیر
    القول الفصل
    الصحف
    البیان
    المنادی
    الکلام
    الشفاء
    العربی
    المصدق
    البصیر
    القیم
    المرفوع
    البشری
    القصص
    الامر
    المکرم
    الخیر
    قران
    قرآن الکریم کی پہلی وحی کا آغاز فروری 610عسیوی کو ھوا
    غار حراء میں جو مکہ کے مشرق کی طرف تین میل کے فاصلے پر ھے
    قران المجید کے چند مقامات نزول
    غار الحراء
    کوہ صفاء
    دارالرقم
    مسجد جن
    مسجد قباء
    وادی بدر
    جبل الاحد
    مسجد خندق
    مسجد قبلتین
    مسجد سید امیر حمزہ
    وادی العرفات
    معشرالحرام
    وادی منی
    مسجد الفتح
    مقام بیت رضوان
    مسجد الاقصی
    مدائن صالح
    جبل الطور
    جبل الزتیون
    مدائن کا کنواں

    اس وقت ھمارے پیارے بنی کی عمر مبارک 40 سال کی تھی
    قران المجید کی 114آیتں ھیں
    مکی آیتوں کی تعداد
    65 مکی آیات ھیں
    مدنی آیات
    18
    وہ آیات جن کے مکی یا مدنی ھونے میں آختلاف ھیں انکی تعداد 31 ھے

    مکی آیات انکو کہا جاتا ھے جو ھجرت سے قبل نازل ھوئ تھیں
    مدنی آیات جو ھجرت کے بعد نازل ھويئں
    مدنی آیات بڑی ھیں
    قران الکریم کے کے 28ویں سپارے میں ساری مدنی آیات ھیں
    29ویں سپارے میں ساری مکی آیات ھیں

    قران المجید کی آخری وحی کا نزول 9ذی الحج کو ھوا
    قران الکریم اور دیگر آسمانی کتب سب رمضان کے متبرک مہینے میں نازل ھويئں
    قران الکریم میں 700مقامات پر نماز کی تاکید کی گی ھے

    مصیبت میں صبر اور نماز کے ذریعے اللہ کی مدد اور خوشنودی حاصل کی جاسکتی ھے

  17. ہر سانس کہہ رہی ہے نبی یا نبی نسیم
    مجھ پر یہ برکتوں کا عجب سا نزول ہے

    (ڈاکٹر نگہت نسیم )

  18. ہر سانس کہہ رہی ہے نبی یا نبی نسیم
    مجھ پر یہ برکتوں کا عجب سا نزول ہے
    ماشا اللہ
    بارک اللہ
    سبحان اللہ
    اللہ پاک آپکے قلم کو اپنے پیارے پاک وطیب حبیب حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے تصدق میں آب کوثر جیسی روانی عطا فرماۓ
    آمین ثم آمین
    تم کو اتنی خوبصورت دعاوں کو منظوم کرنے کی سعادت پر دل کی گہرائيوں سے مبارک باد دیتی ھوں
    یہاں صبح کے 10 بجے ھیں اور اس وقت تمھارے بلاگ کو پڑھ کر دل دماغ روح سبھی شاداں و فرحان ھیں کہ پاک پروردگار نے اپنی ایک بہت ھی کشادہ قلب و نظر
    ایک بہت ھی سچی اور منفرد
    ان گنت خوبیوں والی عبادت گذار و خوف خدا رکھنے والی دوست اور اچھی بہن
    ایک بہت ھی اچھی انسان اور طبیب ڈاکٹر نگہت نسیم کے قلم کو یہ کمال عطا کیا ھے
    اللہ پاک اس روح پرور سعی کو قبول فرماۓ اور دارین کی ھر نمعت اور خوشی عطا فرماۓ آمین ثم آمین

  19. اسلام علیکم
    ماشاء اللہ ماشاء اللہ بہن نگہت اور شاھین بیت خوب بڑی برکتیں ہیں اس بلاگ میں پڑھنے والوں کے لئے ۔
    بہن نگہت آپ نے کہا کہ آپ کوشش کرینگی نیت کو صاف رکھنے کی اللہ آپ کو کامیابی دے ۔آمین
    میری بہن بہت جہاد ہے نیت کو صاف رکھنا میں اپنا تجربہ بتاتی ہوں کہ میں نے جب سے یہ سوچا کہ نیت بالکل ٹھیک رہنی چاہئے صرف اور صرف اللہ کے لئے ہو ہر کام لگا کہ بہت مشکل ہے لیکن جب میں نے اپنی زات کو ہر کام ہر اچھائی کےدنیاوی صلے سےنکال لیا تو لگا برکت ہی برکت ہے وہ مالک بہت مہربان ہے ۔دس قدم بڑھ کر تھامنے والا ہے یہ تو ہم ہی کور چشم ہیں جو اسکی عطاؤں کو سمجھتے نہیں ۔
    لیکن ہر کام کے لئے پہلے عمل ہے پھر دعا ہے کہ آپ عمل کرین نیکی کو کرنے کی کوشش کریں پھر اس کے لئے دعا کریں تو وہ مالک ضرور ہم گنہگاروں کی مدد فرماتا ہے ۔
    اللہ ہم سب کو توفیق عطا فرمائے کہ ہم اچھی باتیں اختیار کرنے اور ان پر قائم رہنے کی جدو جہد کریں ۔
    چلئے اس ماہ مبارک میں کوشش کریں کہ ہم جو کام کرینگے وہ بس اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے کرینگے نام و نماد کے لئے نہیں ۔بس شاید اس سوچ ہی سے ہمارے قدم جنت کی طرف بڑھ جائیں انشاء اللہ
    اللہ آپ سب اور آپ کے بچوں کو کو خوشیوں کے ساتھ روزے رکھنے اور اس کی تمام برکات سے نوازے اور مجھے اور میرے بچوں کو بھی آمین
    عالم آرا

  20. بہن نگھت خوب محنت کی ھے آپ نے بلاگ پر جزاک اللہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *