الَحَمدُ لِلّٰہ آج حجِ اکبر ہے ۔۔ پوری مسلم اُمہ کو مبارک ۔۔ تحریر :‌شاہد اشتیاق بیگ

الَحَمدُ لِلّٰہ
آج حجِ اکبر ہے ـ اللہ کریم پوری مسلم اُمہ کو مبارک کرے اور سنتِ ابراہیمی کے صدقے میں امت مسلمہ کی پریشانیوں کو دور فرماۓ ـ آمین ـ

آئیں سب مل کر دعا کریں کہ اللہ غفورالرحیم ہماری غلطیوں کوتاہیوں لاپرواہیوں چھوٹے بڑے تمام گناہوں کو معاف فرماۓ ـ ہمیں راہِ راست پر چلنے کی توفیق دے تا کہ ہم ذلت و رسوائی کے ان گڑھوں سے نکل سکیں جن میں ہم اپنے اعمال کی وجہ سے گر چکے ہیں ـ
ذرا غور کیجیۓ کہ پوری دنیا میں آج اگر مشکلوں یا مصیبتوں میں گرفتار ہیں تو ہم مسلمان ہیں اور اسکی وجہ صرف اور صرف دین سے دوری ہے ـ

آج ہم ” بِحَبلِ اللّٰہِ جَمِیعَا وَّلَا تَفَرَّقُو ۃ ” کے حکم سے بہت دور جا چکے ہیں ـ

اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑنا تو دور کی بات ہم نے تو اسے پکڑا ہی نہیں اور تفرقہ بازی میں نہ پڑنا بھی ایسے ہی ہے کہ جیسے ہم نے کچھ سنا ہی نہیں ـ آج ہم سُنی ہیں شیعہ ہیں وہابی ہیں اہلحدیث ہیں اور پتہ نہیں کیا کچھ ہیں اگر نہیں ہیں تو بس سچے اور پکے مسلمان نہیں ہیں ـ

آج ہمارا المیہ یہ ہے کہ اپنے بچوں کو صرف قاری صاحب سے قرآن پڑھوا دیا نماز پڑھنی سکھا دی اور سمجھ لیا کہ ہم نے اپنا فرض ادا کر دیا ـ کبھی پلٹ کر نہیں دیکھا کہ بچے دین میں کوئی دلچسپی لے رہے ہیں یا نہیں ؟
کوئی نئی آیت کوئی نئی سورت یاد کی یا نہیں ؟
آج کونسی نماز نہیں پڑھی اور کیوں ؟
آج کون کون سے اچھے کام کیۓ ؟
اور اگر نہیں کیۓ تو کیوں ؟
ایسی بہت سی باتیں ہیں جو ہم اپنے بچوں سے کر سکتے ہیں مگر افسوس کہ ہمارے پاس وقت نہیں ہے یہ سب کرنے کے لیۓ ـ

ہم مسلمانوں کے گھر پیدا ہوۓ ہیں اس لیۓ مسلمان ہیں ـ کبھی دین کو سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے دین کا علم حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرتے ـ
ہم اپنے مسلک کو دوسروں پر تھوپنے کی کوشش کیوں کرتے ہیں؟
کیوں سمجھتے ہیں کہ صرف ہم ہی سچے ہیں باقی سب جھوٹے ہیں ؟

میری التجا ہے کہ اپنے مسلک پر قائم رہتے ہوۓ نماز کی پابندی کریں اور خلوصِ نیت سے اللہ کے حضور گڑگڑا کر رہنمائی حاصل کرنے کی دعا کریں کہ الٰہی میں کمزور ناتواں تیری بارگاہ میں صدقِ دل سے دعا گو ہوں کہ تو میری رہنمائی کر مجھے روشنی عطا کر اور مجھے اُس جماعت میں شامل کر دے جس پر تُو راضی ہے ـ پھر اپنے دل کی بات مانیں اور اس پر قائم رہیں ـ

آئیے آج کے مبارک دن یہ عہد کریں کہ اپنا محاسبہ کریں گے اور کسی پر انگلی نہیں اٹھائیں گے ـ

اللہ پاک ہماری خطاؤں کو معاف فرماۓ ہمارے دلوں سے نفرتوں اور بغض و عناد کو دور کرے اور ہمارے دلوں میں تمام مسمانوں اور انسانیت کی محبت اور احترام پیدا فرماۓ ـ آمین یا اَلرحَمَ الرَّاحِمِین ـ
شاہد اشتیاق بیگ

4 thoughts on “الَحَمدُ لِلّٰہ آج حجِ اکبر ہے ۔۔ پوری مسلم اُمہ کو مبارک ۔۔ تحریر :‌شاہد اشتیاق بیگ”

  1. اسلام علیکم ساتھیو
    امت مسلمہ کو حج مبارک ۔
    اللہ تمام حاجیوں کے حج کو شرف قبولیت عطا فرمائے ۔آمین
    اللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرمائے اور ہمارے ملک اور عوام پر رحم فرمائے ۔آمین ثمہ آمین
    عالم آرا
    وینکور

  2. پہلے مسلم امہ ابراہیم علیہ اسلام کے پورے کنبہ کی طرح تسلیم و رضا کی خو ڈالے پھر رحمت کی امید وار ہو؟

  3. اسلام علیکم ،
    تما م ہم نشینوں کی خدمت میں عید مبارک ،
    اور جو حجّاج کرام دنیا کے گوشے گوشے سے کعبۃ اللہ کی زیارت کو گئے ہیں ان کواور ان کے اہل و عیال کو یہ عبادت حقیقی مبارک ہو
    اللہ کریم اپنی بارگاہ میں انکے حج کو قبول فرمائے آمین
    شاہد اشتیاق بیگ ،آپ کی دعاؤں پر صد ہزار آمین ،
    پروردگار عالم سے دعاہے کہ وہ ہمیں دوستوں اور دشمنوں میں تمیز کرنا سکھا دے اور ہم اپنی اگلی نسلوں کو اسلام کی روح سے آشنا کر سکیں ،
    دعاگو
    زائرہ بجّو
    مسی ساگا
    ٹورانٹو

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *