ہر بے زباں کو شعلہ نوا کہہ لیا کرو (قتیل)

اورنگ زیب خاں قتیل شفائی کی یہ غزل مجھے حال ہی میں سننے کا اتفاق ہوا ۔ طبیعت خوشی سے جھوم اٹھی ۔
قتیل شفائی کی پیدائش 24 دسمبر 1919 ء میں ہری پور ہزارہ ، میں ہوئی ۔ اسکی وفات 11جولائی 2001ء میں ہوئی۔
اس نے اپنا تخلص قتیل رکھا مگر اپنے استاد حکیم محمد شفا کے نام پر اپنے آپ کو شفائی کے نام سے منسوب رکھا۔
اس نے ابتدائی زندگی میں ادب لطیف کے نائب مدیر کی حیثیت سے اس ادبی رسالہ کی ادارت کی ۔۔
وہ جنوری 1947 ء میں فلمی دنیا میں ( فلم میری یاد ) میں اپنے نغمے لکھکر دنیا میں مشہور ہوگیا۔ اس کو 1994 میں پرائڈ آف پرفارمنس کا اوارڈ ملا اور اس کے علا وہ ، آدم جی اوارڈ ، نقوش اوارڈ اور امیر خسرو اوارڈ سے نوازا گیا ۔
( چونہ بلاگ لکھنے کی اردو فانٹ میں لکھنا میرے لیے بے حد مشکل ہے ، میں اس ابتدائی تحریر کو یہاں پر ختم کرکے اس بلاگ کی ابتدا کرتا ہوں ۔)

31 thoughts on “ہر بے زباں کو شعلہ نوا کہہ لیا کرو (قتیل)”

  1. قتیل شفائی کی اس غزل ( جس کا مطلع میرے بلاگ کا عنوان ہے ) کو یہاں پیش کرتا ہوں :
    ہر بے زباں کو شعلہ نوا کہ لیا کرو
    یارو سکوت ہی کو صدا کہ لیا کرو

    خود کو فریب دو ، کہ نہ ہو تلخ زندگی
    ہر سنگ دل کو جانِ وفا کہ لیا کرو

    گر چاہتے ہو خوش رہیں کچھ بندگانِ خاص
    جتنے صنم ہیں ان کو خدا کہ لیا کرو

    انسان کا اگر قد و قامت نہ بڑھ سکے
    تم اُس کو نقصِ آب و ہوا کہ لیا کرو

    اپنے لیے اب ایک ہی راہِ نجا ت ہے
    ہر ظلم کو رضائے خدا کہ لیا کرو

    لے دے کہ اب یہی ہے نشانِ ضیا قتیل
    جب دلے جلے تو اُس کو دیا کہ لیا کرو
    ۔۔۔۔
    قتیل کے نغمات نظمیں ، غزلیں ، گیت وغیرہ دنیا کے ہر بڑے فنکا ر نے اپنی اپنی لئے میں گایا ہے۔ قتیل کی کئی کتابیں شایع بھی ہوئیں اور ہاتھوں ہاتھ بِک بھی گئیں۔
    افسو س کہ جرمنی میں میرے پاس اس کی صرف ایک کتاب “ گفتگو“ ہے جسے میں کبھی کبھار پڑھکر اسکی شاعری کی عظمت کا اندازہ کیا کرتا ہوں ۔
    ویسے گوگل میں اسکا کلام رومن اردو میں ضرور ہے مگر رومن اردو کے ذریعہ اس کے کلام کا لطف اٹھانا میرے بس کی بات نہیں ۔
    گفتگو 1975 میں شایع ہوئی تھی ۔ اس کتاب کی ابتدا میں فیض احمد فیض نے یہ لکھا :
    “ قتیل صاحب ایک ایسا منفرد رنگ رکھتے ہیں جس میں قریب قریب سب رنگوں کی جھلکیا ں ملتی ہیں لیکن رنگا رنگی کے باوجود انکا کلام یک رنگ ہے۔ اس یک رنگی میں لہجے کو بھی دخل ہے ، معانی کو بھی۔ ۔۔انکا لہجہ ہمیشہ مطربانہ ہے۔ اور انکی فکر ہمیشہ درد مندانہ ۔۔طرب اور درد کے درمیان جو بہت سے مقامات پڑتے ہیں ۔ کوئی رنگین، کوئی ویران ، کوئی با رونق ، کوئی اداس ، قتیل صاحب نے مختلف پیرایوں میں ان ہی کی منظر کشی کی ہے۔ اور اس کاوش میں انسان دوستی اور امید ِ فردا کا ہاتھ سے چھوٹنے نہیں دیا۔ یہ مجموعہ انکے منفرد رنگ کی منفرد مثال ہے“
    ۔۔۔۔
    قدرت اللہ شہاب نے لکھا: “ قتیل شفائی غزل اور گیت کے بڑے شاعر ہیں، غزل میں ان کا انداز فنی روایات کا حامل ہونے کے باوجود ایک خاص انفرادیت کا آئینہ دار ہے “
    ۔۔۔۔۔۔
    میری خواہش ہے کہ قتیل شفائی کے اس بلاگ سے عالمی اخبار کی سالگرہ کا جشن مناوں ۔
    قتیل شفائی کے کلام سے متاثر ہونے والوں کو اس بلاگ میں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں
    فقط :
    منظور قاضی از جرمنی

  2. اتفا ق کی بات یہ ہے کہ قتیل شفائی گیارہ جولائی 2001 ء کو اس دنیا سے کوچ کرگیا اور اس نے 11 ستمبر 2001ء کے بعد کی دنیا نہیں دیکھا ۔ اس نے پاکستان کے گذشتہ آٹھ سال کے مناظر اور حالات کا مشاہدہ نہیں کیا۔ پھر بھی اس کے اشعار کی صداقت آج کل کے حالات پر بھی صادق آتی ہے: وہ کہ گیا ہے کہ:
    کھلا ہے جھوٹ کا بازار آو سچ بولیں
    نہ ہو بلا سے خریدار ، آو سچ بولیں

    سکوت چھا یا ہےانسانیت کی قدروں پر
    یہی ہے موقعِ اظہار ، آو سچ بولیں

    ہمیں گواہ بنا یا ہے وقت نے اپنا
    بنامِ عظمتِ کردار، آو سچ بولیں

    سنا ہے وقت کا حاکم بڑا ہی منصف ہے
    پکار کر سرِ دربار ، آو سچ بولیں

    تمام شہر میں کیا ایک بھی نہیں منصور؟
    کہیں گے کیا رسن و دار ، آو سچ بولیں

    جو وصف ہم میں نہیں کیوں کریں کسی میں تلاش
    اگر ضمیر ہے بیدار ، آو سچ بولیں

    قتیل جن پہ سدا پتھروں کو پیا ر آیا
    کدھر گئے وہ گنہگار ، آو سچ بولیں

  3. اتفاق کی بات ہے کہ پنجابی اور سندھی صوفی شعرا جن میں حضرت بلھے شاہ رح شامل ہیں اپنی شاعری، عورت ( مونث) کی زبان میں لکھتےتھے ( اس بات پر تذکرہ ایک الگ بلاگ میں تفصیل سے ہوچکا ہے )
    مگر اردو کے تمام شعرا نہ صرف اپنے آپ کو مذکر کے روپ میں بلکہ اپنے محبوبہ کو بھی مذکر کے روپ میں پیش کرتے رہے ہیں ۔ مثالوں کے لیے تمام اردو شعرا کے کلام کو ملاحظہ کیجیے۔
    اساتذہ کے شاعری کی یہی خصوصیت تھی اور انکے بعد آئے ہوئے جدید سے جدید تر شعرا کی شاعری کا بھی یہی امتیاز ہے۔ مثال کے طور پر قتیل شفائی کی غزل کے یہ اشعار پڑھیئے:
    بن مانگے مل گئے مری آنکھوں کو رت جگے
    میں جب سے ایک چاند کا شیدائی بن گیا
    برہم ہوا تھا میری کسی بات پر کوئی
    وہ حادثہ ہی وجہِ شناسائی بن گیا
    تھا بے قرار وہ مرے آنے سے پیشتر
    دیکھا مجھے تو پیکرِ دانائی بن گیا
    وہ تیری بھی تو پہلی محبت نہ تھی قتیل
    پھر کیا ہوا اگر کوئی ہرجائی بن گیا
    ۔۔۔۔۔۔
    مہکے ہوئے ماحول میں جب تو نہیں ہوتا
    اس وقت مرے جی کو جلا جاتی ہے خوشبو
    یوں مجھ میں ترے لمس کا احساس رچا ہے
    اپنے ہی بدن سے تری آجاتی ہے خوشبو
    ۔۔۔۔
    وہ خط رقیبوں کے ہاتھ آیا ، لکھا تھا جو میرے نام تونے
    کہا ں کہاں کرچکی ہے رسوا تری یہ چھوٹی سی بھول مجھ کو
    ۔۔۔۔۔۔
    وہی تو سب سے زیادہ ہے نکتہ چیں میرا
    جو مسکراکے ہمیشہ گلے لگائے مجھے
    میں اپنے دل سے نکالوں خیال کس کس کا
    جو تو نہیں تو کوئی اور یاد آئے مجھے
    وہ میرا دوست ہے سارے جہاں کو ہے معلوم
    دغا کرے وہ کسی سے تو شرم آئے مجھے
    ۔۔۔۔
    ہنسا وہ مجھ پہ تو اس کا کوئی کمال نہیں
    اسے مرے ہی کسی غم نے گد گدایا ہے
    ملی ہے اس کو بھی شہرت قتیل میری طرح
    جب اس نے اپنے لبوں پر مجھے سجا یا ہے
    ۔۔
    اسی طرح کے اشعار اردو کی دوسرے شعرا میں بھی موجود ہیں ۔ وہ اپنے شعر کو مذکر کے لہجے میں لکھتے ہیں اور اپنی محبوبہ کو بھی مذکر کے روپ میں رکھکر مخاطب کرتے ہیں۔ صوفی شعرا اس قید و بند سے بے نیاز ہیں۔
    ۔۔۔
    قتیل کی شاعری کے مختلف پہلووں پر بہت کچھ لکھا جاسکتا ہے۔ میں اپنی محدود استطاعت کے مطا بق اس بلا گ کو قتیل کے شایان شان بنانے کی کوشش کرونگا ۔
    اگر قتیل کی شاعری کا کوئی شیدائی اس بلاگ میں قتیل کو ہدیہ تہنیت پیش کرے تو ممکن ہے کہ قتیل کو روح خوش ہوجائے ۔

  4. اس بلاگ کی ابتدا میں قتیل کی غزل میں یہ شعر شامل نہ ہوسکا جس کا افسو س ہے:
    یارو یہ دور ضعفِ بصارت کا دور ہے
    آندھی اٹھے تو اس کو گھٹا کہ لیا کرو
    ۔۔۔۔
    کمال یہ ہے کہ قتیل نے یہ غزل 1975 میں لکھ کر اپنی تصنیف “ گفتگو “ میں شامل کی تھی مگر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ حالات حاضرہ کی عکاسی ہے ۔

  5. انتظامیہ کے جس رکن نے اس بلا گ کے شروع میں قتیل کی تصویر چسپاں کرکے اس بلا گ کی عظمت میں اضافہ کردیا ، اس کا دلی شکریہ ۔

  6. منظور صا حب مجھے کچھ مہنے پہلے قتیل صا حب کی زوجہ کی رسمِ چہلم پر ان کے گھر پہلی مرتبہ جا نے کا اتفا ق ہوا وھا ں جا کر میں نے بہت قتیل صا حب کی کمی کو یہ سو چتے ہوے محسوس کیا کہ آج میں پھلی مر تبہ اس عظیم شخص کے گھر آئی لیکن ملا قات سے قاصر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔لوٹ رھی ھوں
    جھاں تک قتیل صا حب کی غزل کا تعلق ھے تو میرے نزدیک ایک اچھا شا عر بھی ولی ھوتا ھے

  7. نادیہ بتول بخاری صاحبہ نے صحیح فرمایا ہے کہ “ ایک اچھا شاعر بھی ولی ہوتا ہے“ اسی لیے تو غالب نے اپنے مضامین کو غیب سے آتے ہیں کہا ہے اور کاغذ پر اپنے قلم سے لکھنے کی آواز کو نوائے سروش ( الہام اور غیب کی آواز ) کہا ہے ۔
    آتے ہیں غیب سے یہ مضامیں خیال میں
    غالب صریرِ خامہ نوائے سروش ہے
    ۔۔۔۔
    قتیل خدا داد صلاحیت کا حامل تھا اور اس کے اشعار الہامی کیفیت کی عکاسی کرتے ہیں؛
    اس کے اشعار میں بے باکی اور حق گوئی موجود ہے:
    مثال کے طور پر اس کی ایک غزل کے اشعار پیش کرتا ہوں :

    و ہ شخص کہ میں جس سے محبت نہیں کرتا
    ہنستا ہے مجھے دیکھ کے نفرت نہیں کرتا

    پکڑا ہی گیا ہوں تو مجھے دار پہ کھینچو !
    سچا ہوں مگر اپنی وکالت نہیں کرتا

    کیوں بخش دیا مجھ سے گنہگار کو مولا
    منصف تو کسی سے بھی رعایت نہیں کرتا

    گھر والوں کو غفلت پہ سبھی کوس رہے ہیں
    چوروں کو مگر کوئی ملامت نہیں کرتا

    کس قوم کے دل میں نہیں جذباتِ براھیم (ع)
    کس ملک میں نمرود حکومت نہیں کرتا

    دیتے ہیں اجالے مرے سجدو ں کی گواہی
    میں چھپ کے اندھیرے میں عبادت نہیں کرتا

    بھولا نہیں میں آج بھی آدابِ جوانی
    میں آج بھی اوروں کو نصیحت نہیں کرتا

    انسان یہ سمجھیں کہ یہاں دفن خدا ہے
    میں ایسے مزاروں کی زیارت نہیں کرتا

    دنیا میں قتیل اس سا منافق نہیں کوئی
    جو ظلم تو سہتا ہے بغاوت نہیں کرتا

    نوٹ: قتیل کے اس مقطع کا اطلاق عالمی اخبار کے ایک بلاگ کے موضوع ( جسےشعیب صفدر صاحب نے شروع کیا ہے ) پر بھی ہوتا ہے ۔

  8. قتیل کی اس غزل کے یہ اشعار دل کو متاثر کرنے والے ہیں:

    تم پوچھواور میں نہ بتا وں ایسے تو حالات نہیں
    ایک ذرا سا دل ٹوٹا ہے اور تو کوئی بات نہیں

    کس کو خبر تھی سانولے بادل بن برسے اڑ جاتے ہیں
    ساون آیا لیکن اپنی قسمت میں برسات نہیں

    ٹوٹ گیا جب دل تو پھر یہ سانس کا نغمہ کیا معنی
    گونج رہی ہے کیوں شہنائی جب کوئی بارات نہیں

    غم کے اندھیارے میں تجھ کو اپنا ساتھی کیوںسمجھوں
    تو پھر تو ہے ، میرا تو سایہ بھی میرے ساتھ نہیں

    ختم ہوا میرا افسانہ اب یہ آنسو پونچھ بھی لو
    جس میں کوئی تارا چمکے آج کی رات وہ رات نہیں

    میرے غمگیں ہونے پر احباب ہیں یوں حیران قتیل
    جیسے میں پتھر ہوں میرے سینےمیں جذبات نہیں

  9. قتیل شفائی کی ایک اور غزل جسے عوام کی مقبولیت نصیب ہوئی ہے : ۔
    وہ دل ہی کیا ترے ملنے کی جو دعا نہ کرے
    میں تجھ کے بھول کے زندہ رہوں ، خدا نہ کرے

    رہے گا ساتھ ترا پیار ، زندگی بن کر
    یہ اور بات ، مری زندگی وفا نہ کرے

    یہ ٹھیک ہے نہیں مرتا کوئی جدائی میں
    خدا کسی سے کسی کو مگر جدا نہ کرے

    سنا ہے اس کو محبت دعائیں دیتی ہے
    جو دل پہ چوٹ تو کھائے مگر گلہ نہ کرے

    اگر وفا پہ بھروسہ رہے نہ دنیا کو
    تو کوئی شخص محبت کا حوصلہ نہ کرے

    بجھادیا ہے نصیبوں نے میرے پیار کا چاند
    کوئی دیا مری پلکوں پہ اب جلا نہ کرے

    زمانہ دیکھ چکا ہے پرکھ چکا ہے اسے
    قتیل جان سے جائے پر التجا نہ کرے

  10. قتیل کی ایک اور غزل جسے ممکن ہے کہ بہت سے اردو داں دانشوروں کو یاد ہو:

    دور تک چھائے تھے بادل اور کہں سایہ نہ تھا
    اس طرح برسات کا موسم کبھی آیا نہ تھا

    سرخ آہن پر ٹپکتی بوند ہے اب ہر خوشی
    زندگی نے یوں تو پہلے ہم کو ترسا یا نہ تھا

    کیا ملا آخر تجھے سایوں کے پیچھے بھاگ کر
    اے دلِ نادان ، تجھے کیا ہم نے سمجھا یا نہ تھا؟

    اف یہ سناٹا کہ آہٹ تک نہ ہو جس میں مخل
    زندگی میں اس قدر ہم نے سکوں پایا نہ تھا

    خوب روئے چھپ کے گھر چاردیواری میں ہم
    حالِ دل کہنے کے قابل کوئی ہمسایا نہ تھا

    ہوگئے قلاش جب سے آس کی دولت لٹی
    پاس اپنے اور تو کوئی بھی سرمایا نہ تھا

    اب کھلا جھونکوں کے پیچھے چل رہی تھیں آندھیاں
    اب جو منظر ہے وہ پہلے تو نظر آیا نہ تھا !

    صرف خوشبو کی کمی تھی موسمِ گل میں قتیل
    ورنہ گلشن میں کوئی بھی پھول مرجھایا نہ تھا

  11. قتیل اور اسکی شاعری کے قدرداں (سوائے نادیہ بتول بخاری صاحبہ کے ) اب عالمی اخبار کا یہ بلاگ شاید پڑھتے نہیں اگر پڑھتے ہیں تو اسکی شاعری کے مثبت یا منفی پہلووں پر تبصرے کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
    یہ قتیل کی شاعری کی خصوصیت ہے یا اسکے پڑھنے والوں کے معیار کی بلندی کا ثبوت ہے ، اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے ۔
    مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ میں قتیل کی شاعری کا شیدائی ہوں:
    اسکی ایک غزل ملاحظہ کیجئے:
    منزل جو میں نے پائی تو ششدر بھی میں ہی تھا
    وہ اس لیے کہ راہ کا پتھر بھی میں ہی تھا

    شک ہو چلا تھا مجھ کو خود اپنی ہی ذات پر
    جھانکا تو اپنے خول کے اندر بھی میں ہی تھا

    ہوں گے مرے وجود کے سائے الگ الگ
    ورنہ برونِ در بھی ، پسِ در بھی میں ہی تھا

    آخر مجھے پناہ ملی اپنے آپ میں
    رقصاں ہو جس میں روح، وہ پیکر بھی میں ہی تھا

    پوچھ ان سے جو روانہ ہوئے کاٹ کر مجھے
    راہِ وفا میں شاخِ صنوبر بھی میں ہی تھا

    آسود ہ کس قدر وہ ہوا مجھ کو اوڑھ کر
    کل رات اس کے جسم کی چادر بھی میں ہی تھا

    مجھ کو ڈرا رہی تھی زمانے کی ہمسری !
    دیکھا تو اپنے قد کے برابر بھی میں ہی تھا

    آئینہ دیکھنے پہ جو نادم ہوا قتیل
    ملکِ ضمیر کا وہ سکندر بھی میں ہی تھا

    نوٹ: قتیل نے کہا : راہِ وفا میں شاخِ صنوبر مگر چھوٹا منہ بڑی بات :شجرِِ وفا میں شاخِ صنوبر ، کی ترکیب درست معلوم ہوتی ہے ۔
    اگر شجرِ وفا نہیں یا راہِ وفا نہیں تو دشتِِ وفا کی ترکیب بھی درست ہوسکتی ہے۔

  12. قتیل شفائی کے کلام کی خصوصیات
    قتیل شفائی نہایت ہی مقبول اور ہردلعزیز شاعر ہیں۔ ان کے لہجے کی سادگی و سچائی ، عام فہم زبان کا استعمال اور عوام الناس کے جذبات و محسوسات کی خوبصورت ترجمانی ہی ان کی مقبولیت کا راز ہے۔ یوں تو انہوں مختلف اصفافِ سخن میں طبع آزمائی کی مگر ان کا اصل میدان غزل ہے۔ ان کی شاعری میں سماجی او رسیاسی شعور بھی موجود ہے۔ اور انھیں ایک صف اول کے ترقی پسند شعراء میں اہم مقام حاصل ہے۔ فلمی نغمہ نگاری میں بھی انہوں نے ایک معتبر مقام حاصل کیا۔ ان کا کلام پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں میں یکساں طور پر مقبول ہے

    نمونہ کلام
    مل کر جدا ہوئے تو نہ سویا کریں گے ہم
    اک دوسرے کی یاد میں رویا کریں گے ہم

    گنگناتی ہوئی آتی ہیں فلک سے بوندیں
    کوئی بدلی تیری پازیب سے ٹکرائی ہے

    آج تک ہے دل کو اس کے لوٹ آنے کی امید
    آج تک ٹھہری ہوئی ہے زندگی اپنی جگہ

    لاکھھ چاہا ہے کہ اس کو بھول جاؤں، پر قتیل
    حوصلے اپنی جگہ ہیں، بے بسی اپنی جگہ۔۔

    اعزازت
    تمغہ حسن کارکردگی 94ء ، آدم جی ایورڈ ، امیر خسرو ایورڈ ، نقوش ایورڈ ۔ نیز انڈیا کی مگھد یونیورستی کے ایک پروفیسر نے ’’قتیل اور ان کے ادبی کارنامے‘‘ کے عنوان سے ان پر پی ایچ ڈی کی۔ صوبہ مہاراشٹر میں ان کی دو نظمیں شامل نصاب ہیں۔ علاوہ ازیں بہاولپور یونیورستی کی دو طالبات نے ایم کے لیے ان پر مقالہ تحریر کیا۔

    فلمی نغمہ نگاری
    پاکستان کی پہلی فلم تیری یاد سے نغمہ نگاری کا آغاز کیا ۔ اڑھائی ہزار سے زائد نغمے لکھے۔ انہیں نیشنل فلم ایورڈ کے علاوہ دو طلائی تمغے اور بیس ایورڈ بھی دئیے گئے۔

    تصانیف
    ہریالی
    گجر
    جلترنگ
    روزن
    جھومر
    مطربہ
    چھتنار
    گفتگو
    پیراہن
    آموختہ
    ابابیل
    برگد
    گھنگرو
    سمندر میں سیڑھی
    پھوار
    صنم
    پرچم
    انتخاب (منتخب مجموعہ)
    کلیات
    رنگ خوشبو روشنی (تین جلدیں)
    (وکیپیڈیا)

  13. حالات کے قدموں پہ قلندر نہیں گرتا
    ٹوٹے بھی جو تارا تو زمیں پر نہیں گرتا

    گرتے ہیں سمندر میں بڑے شوق سے دریا
    لیکن کسی دریا میں سمندر نہیں گرتا

    سمجھو وہاں پھلدار شجر کوئی نہیں ہے
    وہ صحن کہ جِس میں کوئی پتھر نہیں گرتا

    اِتنا تو ہوا فائدہ بارش کی کمی سے
    اِس شہر میں اب کوئی پھسل کر نہیں گرتا

    انعام کے لالچ میں لکھے مدح کسی کی
    اتنا تو کبھی کوئی سخنور نہیں گرتا

    حیراں ہے کوئی روز سے ٹھہرا ہوا پانی
    تالاب میں اب کیوں کوئی کنکر نہیں گرتا

    اس بندہء خوددار پہ نبیوں کا ہے سایا
    جو بھوک میں بھی لقمہء تر پر نہیں گرتا

    کرنا ہے جو سر معرکہِ زیست تو سُن لے
    بے بازوئے حیدر، درِ خیبر نہیں گرتا

    قائم ہے قتیل اب یہ میرے سر کے ستوں پر
    بھونچال بھی آئے تو مرا گھر نہیں گرتا

  14. اس ادا سے بھی ھوں میں آشنا، تجھے اتنا جس پہ غرور ھے
    میں جیوں گا تیرے بغیر بھی، مجھے زندگی کا شعور ھے

    نہ ھوس مجھے مئے ناب کی، نہ طلب صبا و سحاب کی
    تِری چشم ناز کی خیر ھو، مجھے بے پیے ھی سرور ھے

    جو سمجھ لیا تجھے بے وفا، تو اس میں، میری بھی کیا خطا
    یہ خلل ھے میرے د ماغ کا، یہ میری نظر کا قصور ھے

    کوئی بات دل میں وہ ٹھان کے، نہ الجھ پڑے تیری شان سے
    وہ نیاز مند جو کہ سر بہ خم، کئی دن سے تیرے حضور ھے

    میں نکل کے بھی تیرے دام سے، نہ گروں گا اپنے مقام سے
    میں قتیل جور و ستم سہی، مجھے تم سے عشق ضرور ھے

  15. قتیل کی شاعری پر ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کے تبصرے اور انکے لکھی ہوئی قتیل کی دونوں غزلیں سونے کے حروف سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔
    قتیل پر ایم اے اور پی ایچ ڈی کے لیے مقالے لکھے جارہے ہیں۔ قتیل ہزاروں اشعا ر کا خالق تھا۔ اس نے اپنی اس خداداد قابلیت سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور جو کچھ بھی لکھا بہت ہی اچھا لکھا۔
    کاش کہ ہندوستان اور پاکستان کے وہ پروفیسر اور طلبا اور طالبات جو قتیل کی شاعری پر تحقیقی مقالے لکھ چکے ہیں۔ اس بلاگ میں بھی قتیل کی شاعری کے متعلق کچھ لکھدیتے۔
    ایک بات ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ سے دریافت کرنی ہے کہ کیا قتیل کی غزل ( جو اوپر لکھی گئی ہے ) اس کے مقطع کے دوسرے مصرعہ میں لفظ “ تم“ ہے یا “ تجھ “ ہے ؟

  16. افسوس کہ میرے کمپویٹر کی خرابی کی وجہ سے میں اپنااوپر کا تبصرہ پورا نہ کرسکا۔
    ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے قتیل کے اس بلاگ میں حصہ لے کر اس بلاگ کی رونق بڑھادی ، جزاک اللہ

  17. ایک اور بات ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ سے پوچھنی ہے وہ یہ کہ اس شعر میں لفظ “ کوئی “ ہے یا “ کئی “ ہے؟
    حیراں ہے “ کوئی“ روز سے ٹھہرا ہوا پانی
    تالاب میں اب کیوں کوئی کنکر نہیں گرتا
    ۔۔
    افسوس کہ میرے پاس قتیل کی وہ تما م کتابیں نہیں ہیں جن کی فہرست ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے اپنےتبصرے میں دی ہے۔
    شائد ابھی تک کلیاتِِ قتیل جیسی کوئی کتاب نہیں چھپی جس میں فیض کی “ نسخہ ہائے وفا “ کی طرح قتیل کا تما م کلام موجود ہو۔

  18. قتیل کے کلیات رنگ خوشبو روشنی (تین جلدیں) کی شکل میں دستیاب ہیں ۔ پر منظور بھائی ہم لوگ پڑھیں کہاں سے ۔۔ میرے پاس بھی کوئی انتظام نہیں ہے ۔۔ اور جو آپ نے قتیل کے شعر کی تصیح پوچھی ہے ۔۔ مجھے اب قطعا یاد نہیں کہ کہاں سے پڑھا تھا ۔۔جیسے مجھے علم ہو گا میں ضرور آپ کو بتاؤنگی ۔۔۔کہ اصل مصرعہ کیا تھا ۔۔

  19. آج ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے عالمی اخبار میں محترمہ ماہ پارہ صفدر صاحبہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ محفلِ موسیقی میں قتیل شفائی کی یہ نظم آصف رضا سے سنا کر مہدی حسن کی ادائیگی اور قتیل کی نغمہ نگاری کی ، بھولی بسری یادیں تازہ کردی :
    نظم :
    زندگی میں تو سب ہی پیار کیا کرتے ہیں
    میں تو مر کر بھی مری جان تجھے چاہوں گا
    ۔۔۔۔۔
    تو ملا ہے تو یہ احساس ہوا ہے مجھ کو
    یہ مری عمر محبت کے لیے تھوڑی ہے

    اک ذرا سا غمِ دوراں کا بھی حق ہے جس پر
    میں نے وہ سانس بھی تیرے لیے رکھ چھوڑی ہے

    تجھ پہ ہوجاونگا قربان تجھے چاہوں گا
    ۔۔۔۔۔۔۔
    اپنے جذبات میں نغمات رچانے کے لیے
    میں نے دھڑکن کی طرح دل میں بسایا ہے تجھے

    میں تصور بھی جدائی کا بھلا کیسے کروں
    میں نے قسمت کی لکیروں سے چرایا ہے تجھے

    پیار کا بن کے نگہبان تجھے چاہوں گا
    ۔۔۔۔۔۔۔
    تیری ہرچاپ سے جلتے ہیں خیالوں کے چراغ
    جب بھی تو آئے ، جگا تا ہوا جادو آئے

    تجھ کو چھوُ لُوں تو پھر اے جان تمنّا مجھ کو
    دیر تک اپنے بدن سے تری خوشبو آئے

    تو بہاروں کا ہے عنوان ، تجھے چاہوں گا
    ۔۔۔۔۔
    میں تو مر کر بھی مری جان تجھے چاہونگا

  20. قتیل کی اس غزل کا ہر شعر اپنے اندر ایک نیا مضمون لیے ہوئے ہے ۔ان اشعار کے مضامین کا اطلاق آج کل کے حالات پر بھی ہوتا ہے،خاص طر پر اس غزل کا مقطع:
    بند ہے زندگی جبر کے خول میں ، کیا جئیں ہم قتیل ایسے ماحول میں
    جس قدر چور تھے ان کو دولت ملی ، جتنےکم ظرف تھے معتبر ہوگئے
    ۔۔۔۔۔۔۔
    پوری غزل ملاحظہ کیجئے

    تم مرے پیار کے آخری موڑ پر ، ناگہاں کیوں شریکِ سفر ہوگئے
    ٹھوکریں کھا کے آتا ہے مجھ کو مزا ، تم مرے ساتھ کیوں در بدر ہوگئے

    میں تو پہلے ہی منزل سے محروم تھا ر،استے ہیں کٹھن ، مجھ کو معلوم تھا
    غم تو اس بات کا ہے کہ میرے لئے ، تم بھی حالات سے بے خبر ہوگئے

    آج کی قربتیں کل کی ہیں دوریاں، ساتھ انساں کے ہیں لاکھ مجبوریاں
    میں تو شکوہ بھی تم سے نہ کر پاوں گا ، مجھ سے مل کر جدا تم اگر ہوگئے

    تلخ لفظوں میں شیرینیاں گھول کر ، دل دکھانا مرا تم بھی سچ بول کر
    میں تو کرلوں گا تسلیم ان کا بھی حق ، جو ہوس کار اہلِ نظر ہوگئے

    عمر چاہے ملے مجھ کو سو سال کی ، وہ تو ہوگی سزا میرے اعمال کی
    حاصلِ زندگی ان کو سمجھوں گا میں ، دن تری یاد میں جو بسر ہوگئے

    ہنس رہی ہے جلا کر جوانی مری، خود فریبی کی عادت پرانی مری
    کیا بتاوں قتیل آج اک بار پھر، جو مسیحا تھے بیداد گر ہوگئے

    بند ہے زندگی جبر کے خول میں، کیا جیئں ہم قتیل ایسے ماحول میں
    جس قدر چور تھے ان کو دولت ملی ، جتنےکم ظرف تھے معتبر ہوگئے

  21. قتیل کی اس غزل کو بھی شاید سب ہی نے شوق سے سنا اور پڑھا ہوگا:
    یہ معجزہ بھی محبت کبھی دکھائے مجھے
    کہ سنگ تجھ پہ گرے اور زخم آئے مجھے

    میں اپنے پاوں تلے روندتا ہوں سائے کو
    بدن مرا ہی سہی ، دوپہر نہ بھائے مجھے

    برنگِ عود ملے گی اسے مری خوشبو
    وہ جب بھی چاہے بڑے شوق سے جلائے مجھے

    میں گھر سے تیری تمنا پہن کے جب نکلوں
    برہنہ شہر میں کوئی نظر نہ آئے مجھے

    وہی تو سب سے زیادہ ہے نکتہ چیں میرا
    جو مسکرا کے ہمیشہ گلے لگائے مجھے

    میں اپنے دل سے نکالوں خیال کس کس کا
    جو توُ نہیں تو کوئی اور یاد آئے مجھے

    زمانہ درد کے صحرا تک آج لے آیا
    گذار کر تری زلفوں کے سائےسائے مجھے

    وہ میرا دوست ہے سارے جہاں کو ہے معلوم
    وفا کرے وہ کسی سے تو شرم آئے مجھے

    وہ مہرباں ہے تو اقرار کیوں نہیں کرتا
    وہ بد گماں ہے تو سو بار آزمائے مجھے

    میں اپنی ذات میں نیلام ہورہا ہوں قتیل
    غمِ حیات سے کہد و خرید لائے مجھے

  22. میری زندگی تو فراق ہے، وہ ازل سے دل میں مکیں سہی
    وہ نگاہِ شوق سے دور ہیں، رگِ جاں سے لاکھ قریں سہی

    ہمیں جان دینی ہے ایک دن، وہ کسی طرح ہو کہیں سہی
    ہمیں آپ کھینچئے وار پر، جو نہیں کوئی تو ہمیں سہی

    سرِ طور سرِ حشر ہو، ہمیں انتظار قبول ہے
    وہ کبھی ملیں، وہ کہیں ملیں، وہ کبھی سہی وہ کہیں سہی

    نہ ہو ان پہ میرا بس نہیں، کہ یہ عاشقی ہے ہوس نہیں
    میں انھی کا تھا میں انھی کا ہوں،وہ میرے نہیں تو نہیں سہی

    مجھے بیٹھنے کی جگہ ملے، میری آرزو کا بھرم رہے
    تیری انجمن میں اگر نہیں، تیری اجنمن کا قریں سہی

    تیرا در تو ہمکو نہ مل سکا، تیری رہگزر کی زمیں سہی
    ہمیں سجدہ کرنے سے کام ہے، جو وہاں نہیں تو یہیں سہی

    میری زندگی کا نصیب ہے، نہیں دور مجھ سے قریب ہے
    مجھے اسکا غم تو نصیب ہے، وہ اگر نہیں تو نہیں سہی

    جو ہو فیصلہ وہ سنائیے، اسے حشر پہ نہ اٹھایئے
    جو کریں آپ ستم وہاں وہ ابھی سہی، وہ یہیں سہی

    اسے دیکھنے کی جو لو لگی، تو قتیل دیکھ ہی لیں گے ہم
    وہ ہزار آنکھ سے دور ہو، وہ ہزار پردہ نشیں سہی
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    رقص کرنے کا ملا حکم جو دریاؤں میں
    ہم نے خوش ہو کے بھنور باندھ لئے پاؤں میں

    ان کو بھی ہے کسی بھیگے ہوئے منظر کی تلاش
    بوند تک بو نہ سکے جو کبھی صحراؤں میں

    اے میرے ہمسفرو تم بھی تھکے ہارے ہو
    دھوپ کی تم تو ملاوٹ نہ کرو چھاؤں میں

    جو بھی آتا ہے بتاتا ہے نیا کوئی علاج
    بٹ نہ جائے ترا بیمار مسیحاؤں میں

    حوصلہ کس میں ہے یوسف کی خریداری کا
    اب تو مہنگائی کے چرچے ہیں زلیخاؤں میں

    جس برہمن نے کہا ہےکہ یہ سال اچھا ہے
    اس کو دفناؤ مرے ہاتھ کی ریکھاؤں میں

    وہ خدا ہے تو کسی ٹوٹے ہوئے دل میں ہو گا
    مسجدوں میں اسے ڈھونڈو نہ کلیساؤں میں

    ہم کو آپس میں محبت نہیں کرنے دیتے
    اک یہی عیب ہے اس شہر کے داناؤں میں

    مجھ سے کرتے ہیں قتیل اس لئے کچھ لوگ حسد
    کیوں مرے شعر ہیں مقبول حسیناؤں میں

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    یارو کہاں تلک محبت نبھاؤں میں
    دو مجھ کو بددعا کہ اسے بھول جاؤں میں

    دل تو جلاگیا ہے وہ شعلہ سا آدمی
    اب کس کو چھو کے ہاتھ اپنا جلاؤں میں

    سنتا ہوں اب کسی سے وفا کررہا ہے وہ
    اے زندگی خوشی سے کہیں مر نہ جاؤں میں

    اک شب بھی وصل کی نہ مرا ساتھ دے سکی
    عہد فراق آکہ تجھے آزماؤں میں

    بدنام میرے قتل سے تنہا تو ہی نہ ہو
    لا اپنی مہر بھی سر محضر لگاؤں میں

    اُس جیسا نام رکھ کے اگر آئے موت بھی
    ہنس کر اُسے قتیل گلے لگاؤں میں
    ………..

  23. یہ اس بلاگ کی خوش قسمتی ہے کہ ڈاکڑ نگہت نسیم صاحبہ کے ساتھ ساتھ زرقا مفتی صاحبہ نے بھی اپنے حصے کے چراغ جلا کر اس میں قتیل کی انتہائی خوبصورت غزلیں شامل کردیں ۔
    میں زرقا مفتی صاحبہ کے علم کی وسعت اور عمق سے انتہائی متاثر ہوتا رہتا ہوں انکی تعریف میں کچھ کہنا سورج کا چراغ دکھا نےکے برابر ہے۔
    انکی اس بلاگ میں شرکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میری کم علمی مجھے یہ کہ رہی ہے کہ ان اشعار کی کمپوزنگ میں کچھ الفا ظ شامل نہیں ہوئے یا انکی کمپوزنگ ٹھیک نہیں ہوئی۔ ممکن ہے کہ میں غلطی پر ہوں مگر اپنے دل میں یہ بات رکھنے کی بجائے میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان اشعار پر پھر سے نظر ڈالیں اور یہ ارشاد فرمائیں کہ کیا وہ ہر لحاظ سے وزن میں ہیں؟
    میں اس سلسلےمیں اپنے خیالات کا اظہار کردیتا ہوں اگر میں غلطی پر ہوں تو وہ میری غلطی کی نشاندہی کردیں ، مہربانی ہوگی : میرے پاس قتیل کی وہ کتابیں موجود نہیں جن میں غزلیں موجود ہیں اس لئے میں اپنے اندازے سے یہ باتیں لکھرہا ہوں:

    کیااس شعر کا پہلا مصرعہ یوں ہے:
    سرِ طور “ یا “ سرِ حشر ہو ، ہمیں انتظار قبول ہے ؟
    یایوں ہے :
    سرِ طور سرِ حشر ہو، ہمیں انتظار قبول ہے
    وہ کبھی ملیں، وہ کہیں ملیں، وہ کبھی سہی وہ کہیں سہی
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    کیا اس شعر کا پہلا مصرعہ یوں ہے ؟
    نہ ہو ان پہ میرا “ کوئی “ بس نہیں ، کہ یہ عاشقی ہے ہوس نہیں ؟
    یا یوں ہے :
    نہ ہو ان پہ میرا بس نہیں، کہ یہ عاشقی ہے ہوس نہیں
    میں انھی کا تھا میں انھی کا ہوں،وہ میرے نہیں تو نہیں سہی
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    کیا اس شعر کا دوسرا مصرعہ یوں ہے ؟
    تیری انجمن میں اگر نہیں ، تیر ی انجمن “ کے “ قریں سہی
    یا یوں ہے :
    مجھے بیٹھنے کی جگہ ملے ، مری آرزو کا بھرم رہے
    تیری انجمن میں اگر نہیں، تیری اجنمن کا قریں سہی
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    کیا اس شعر کا دوسرا مصرعہ یوں ہے؟
    جو کریں “ گے “ آپ ستم وہاں وہ ابھی سہی ، وہ یہیں سہی
    یا یوں ہے:
    جو ہو فیصلہ وہ سنائیے، اسے حشر پہ نہ اٹھایئے
    جو کریں آپ ستم وہاں وہ ابھی سہی، وہ یہیں سہی
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    کیا اس شعر کا پہلا مصرعہ وزن میں ہے یا وزن سے باہر ہے ؟
    کیا اس کا پہلا مصرعہ یوں ہے ؟
    وہ خدا ہے تو پھر ٹوٹے سے دل میں ہوگا
    یا یوں ہے :
    وہ خدا ہے تو کسی ٹوٹے ہوئے دل میں ہو گا
    مسجدوں میں اسے ڈھونڈو نہ کلیساؤں میں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    کیا اس شعر کا پہلا مصرعہ یوں ہے ؟
    یارو کہاں تلک “ یہ “ محبت نبھاوں میں
    یا یوں ہے :
    یارو کہاں تلک محبت نبھاؤں میں
    دو مجھ کو بددعا کہ اسے بھول جاؤں میں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    کیا اس شعر کا دوسرا مصریہ یوں ہے ؟
    اب کس کو چھوکے ہاتھ ‘بھی“ اپنا جلاوں میں
    یا یوں ہے :
    دل تو جلا گیا ہے وہ شعلہ سا آدمی
    ب کس کو چھو کے ہاتھ اپنا جلاؤں میں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    کیا اس شعر کا دوسرا مصرعہ یوں ہے ؟
    ہنس کر اسے قتیل گلے “سے “ لگا وں میں
    یا یوں ہے :
    اُس جیسا نام رکھ کے اگر آئے موت بھی
    ہنس کر اُسے قتیل گلے لگاؤں میں
    ………..
    میں ڈرتے ڈرتے یہ تبصرہ لکھدیا ہوں ۔ اگر اس میں میر ی کوئی غلطی ہو تو براہ کرم تصحیح کردیں۔
    مجھے اپنی کم علمی کا احساس ہے مگر جب کسی شعر کا وزن میرے ذہن کو چونکا دیتا ہے تو میں اسکے بارے میں لکھنا ضروری سمجھتا ہوں ۔
    میرے خیال میں زرقا مفتی صاحبہ کے جوابات ضرور شاعری کے طلبا اور طالبات کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہونگے ۔

  24. جب تک زرقا مفتی صاحبہ میرے اوپر کے تبصرے پر اپنا تبصرہ نہیں لکھ دیتیں، میں قتیل کی ایک غزل پیش کرتا ہوں:
    یہ بات پھر مجھے سورج بتانے آیا ہے
    ازل سے میرے تعاقب میں میرا سایا ہے

    بلند ہوتی چلی جارہی ہیں دیواریں
    اسیرِ در ہے وہ ، جس نے مجھے بلا یا ہے

    میں لازوال تھا مِٹ مِٹ کے پھر ابھرتا رہا
    گنوا گنوا کے مجھے زندگی نے پایا ہے

    وہ جس کے نین ہیں گہرے سمندروں جیسے
    وہ اپنی ذات میں مجھ کو ڈبونے آیا ہے

    ہنسا وہ مجھ پہ تو اس کا کوئی کمال نہیں
    اسے مرے ہی کسی غم نے گد گدایا ہے

    قطار ہے مرےپیچھےمگر میں کیا دیکھوں
    جو سامنے ہے مرے وہ نظر کب آیا ہے

    ملی ہے اس کو بھی شہرت قتیل میری طرح
    جب اس نے اپنے لبوں پر مجھے سجا یا ہے

  25. http://www.aalmiakhbar.com/index.php?mod=article&cat=multimedia&article=10273
    آج سےپانچ دن پہلے ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے قتیل کی نظم محترمہ ماہ پارہ صفدر صاحب کے زیر اہتمام ایک محفل موسیقی میں آصف رضا کی گائی ہوئی ویڈیو لنک مجھے اور عالمی اخبار کے چند اور شیدائیوں کو روانہ کی تھی۔
    آج میں اس ویڈیو لنک کو اس بلاگ میں ( جو قتیل کے نام سے منسوب ہے ،) شامل کررہا ہوں۔

  26. قتیل کی ایک اور غزل حاضر ہے :

    راستے یاد نہیں راہنما یا د نہیں
    اب مجھے کچھ تری گلیوں کے سوا یاد نہیں

    پھر خیالوں میں وہ بیتے ہوئے ساون آئے
    لیکن اب تجھ کو پپیہے کی صدا یاد نہیں

    ایک وعدہ تھا جو شیشے کی طرح ٹوٹ گیا
    حادثہ کب یہ ہوا، کیسے ہوا یاد نہیں

    ہم دیا کرتے تھے اغیار کو طعنہ جن کا
    اب تو ہم کو بھی وہ آدابِ وفا یاد نہیں

    وضع داری سے ہے مجبور مِرا پیار قتیل
    سب پرانے ہیں کوئی داغ نیا یاد نہیں

  27. قتیل کی یہ غزل تو سب نے کئی بار سنی ہوگی :

    پریشاں رات ساری ہے ، ستارو تم تو سوجاو
    سکوتِ مرگ طاری ہے ، ستارو تم تو سوجاو

    ہنسو اور ہنستے ہنستے ڈوبتے جاو خلاوں میں
    ہمی پر رات بھاری ہے ، ستارو تم تو سوجاو

    ہمیں تو آج کی شب پو پھٹے تک جاگنا ہوگا
    یہی قسمت ہماری ہے ، ستارو تم تو سوجاو

    تمھیں کیا آج بھی کوئی اگر ملنے نہیں آیا
    یہ بازی ہم نے ہاری ہے ، ستارو تم تو سوجاو

    کہے جاتے ہو رو رو کر ہمارا حال دنیا سے
    یہ کیسی راز داری ہے ؟ ستارو تم سوجاو

    ہمیں بھی نیند آجائے گی ہم بھی سو ہی جائینگے
    ابھی کچھ بے قراری ہے ، ستارو تم تو سوجاو

  28. قتیل کی یہ کئی سال پرانی غزل آج کل کے حالات کی بھی عکاسی کررہی ہے:

    زندگی کے غم لا کھوں اور چشمِ نم تنہا
    حسرتوں کی میّت پر رورہے ہیں ہم تنہا

    مل سکا نہ کوئی بھی ہمسفر زمانے میں
    کاٹتے رہے برسوں جادہء الم تنہا

    کھیل تو نہیں یارو راستے کی تنہائی
    کوئی ہم کو دکھلائے چل کے دو قدم تنہا

    دل کو چھیڑتی ہوگی یادِ رفتگاں اکثر
    لا کھ جی کو بہلائیں شیخِ محترم تنہا

    مسجدیں ترستی ہیں اُس طرف اذانوں کو
    اِ س طرف شوالوں میں رہ گئے صنم تنہا

    اِس بھری خدائی میں وہ بھی آج اکیلے ہیں
    خلوتوں میں رہ کر بھی جورہے تھے کم تنہا

    تھی قتیل چاہت میں اُن کی بھی رضا شامل
    پھر بھی ہم ہی ٹھیرے ہیں موردِ ستم تنہا

  29. قتیل کی شاعری کے اس بلاگ کو اب کوئی پڑھے یا نہ پڑھے ، میں کوشش کرونگا کہ اس میں قتیل کا کلام پیش کرتا رہوں تاکہ قتیل کی شاعری پر تحقیق کرنے والے دانشور اس بلاگ کی مشمولات سے فائدہ اٹھاتے رہیں :
    قتیل کی یہ غزل اس بلاگ میں پیشِ خدمت ہے:
    تہ میں جو رہ گئے ، وہ صدف بھی نکالئے
    طغیانیوں کا ہاتھ سمندر میں ڈالئے

    اپنی حدوں میں رہیے کہ رہ جائے آبرو
    اوپر جو دیکھنا ہے تو پگڑی سنبھا لئے

    خوشبو تو مدتوں کی زمیں دوز ہوچکی
    اب صرف پتییوں کو ہوا میں اچھالئے

    صدیوں کا فرق پڑتا ہے لمحوں کے پھیر میں
    جو غم ہے آج کا ، اسے کل پر نہ ٹالئے !

    آیا ہی تھا ابھی مرے لب پر وفا کا نام
    کچھ دوستوں نے ہاتھ میں پتھر اٹھالئے

    کہ دو صلیبِ شب سے کہ اپنی منائے خیر
    ہم نے تو پھر چراغ سروں کے جلا لئے

    دنیا کی نفرتیں مجھے قلا ش کر گئیں
    اک پیار کی نظر مرے کاسے میں ڈالئے

    رسوائیوں کاآپ کو آیا ہے اب خیال ؟
    ہم نے تو اپنے دوست بھی دشمن بنالئے

    ساحل کے انتظار میں چکرا گیا ہوں میں
    مجھ کو مری وفا کے بھنور سے نکالئے

    محسوس ہورہا ہے کچھ ایسا مجھے قتیل
    نیندوں نے جیسے آج کی شب پر لگا لئے

  30. تعجب ہے کہ امین ترمذی صاحب اور محترمہ تلمیذ فاطمہ برنی صاحبہ نے اور خود صفدر ھمدانی صاحب نے قتیل کو اب تک کیوں نظر انداز کردیا۔ شائد قتیل اپنے “ کمالِ نئے نوازی “ سے ان دانشوروں کو متاثر نہ کرسکا ۔
    اس بلاگ میں ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ ، زرقا مفتی صاحبہ اور نادیہ بتول بخاری صاحبہ نے اپنے اپنے حصہ کی شمعیں جلا کر اس بلاگ کو روشن کیا۔
    خلیل جبران پر تحقیقی پروگرام کرنے والےاردو کے ایک محبوب شاعر قتیل کی شاعری پر اب تک کوئی تبصرہ نہ لکھ سکے۔
    بہر حال : قتیل کی ایک غزل حاضر ہے :

    اپنے ہاتھوں کی لکیروں میں بسالے مجھ کو
    میں ہوں تیرا ، تو نصیب اپنا بنالے مجھ کو

    میں جو کانٹا ہوں تو چل مجھ سے بچا کر دامن
    میں ہوں گر پھول تو جُوڑے میں سجا لے مجھ کو

    میں کھلے در کے کسی گھر کا ہوں ساماں ، پیارے
    تو دبے پاوں کبھی آکے چرا لے مجھ کو

    ترکِ الفت کی قسم بھی کوئی ہوتی ہے قسم
    تو کبھی یاد تو کر، بھولنے والے مجھ کو

    مجھ سے تو پوچھنے آیا ہے وفا کے معنی
    یہ تری سادہ دلی مار نہ ڈالے مجھ کو

    میں سمندر بھی ہوں ، موتی بھی ہوں ، غوطہ زن بھی
    کوئی بھی نام مرا لے کے بلا لے مجھ کو

    تو نے دیکھا نہیں آئینے سے آگے کچھ بھی
    خود پرستی میں کہیں تو نہ گنوا لے مجھ کو

    کل کی بات اور ہے، میں اب سا رہوں یا نہ رہوں
    جتنا جی چاہے ترا، آج ستالے مجھ کو

    باندھ کر سنگِ وفا کردیا تونے غرقاب
    کون ایسا ہے جو اب ڈھونڈ نکالے مجھ کو

    خود کو میں بانٹ نہ ڈالوں کہیں دامن دامن
    کردیا تونے اگر میرے حوالے مجھ کو

    بادہ پھر بادہ ہے ، میں زہر بھی پی جاوں قتیل
    شرط یہ ہے ، کوئی باہوں میں سنبھالے مجھ کو

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *