74 thoughts on “میرا انداز نصیر اہلِ جہاں سے ہے جدا”

  1. میرا انداز نصیر اہلِ جہاں سے ہے جدا
    سب میں شامل ہوں ، مگر سب سے الگ بیٹھا ہوں
    ۔۔۔۔
    یہ مقطع پیر نصیرالدین نصیر رح کی اس غزل کا ہے :
    دین سے دور ، نہ مذہب سے الگ بیٹھا ہوں
    تیری دہلیز پہ ہوں، سب سے الگ بیٹھا ہوں

    ڈھنگ کی بات کہے کوئی ، تو بولوں میں بھی
    مطلبی ہوں، کسی مطلب سے الگ بیٹھا ہوں

    بزمِ احباب میں حاصل نہ ہوا چین مجھے
    مطمئن دل ہے بہت ، جب سے الگ بیٹھا ہوں

    غیر سے دور، مگر اُس کی نگاہوں کے قریں
    محفلِ یار میں اس ڈھب سے الگ بیٹھا ہوں

    یہی مسلک ہے مرا، اور یہی میرا مقام
    آج تک خواہشِ منصب سے الگ بیٹھا ہوں

    عمرکرتا ہوں بسر گوشہ ء تنہائی میں
    جب سے وہ روٹھ گئے ، تب سے الگ بیٹھا ہوں

    میرا انداز نصیر اہلِ جہاں سے ہے جدا
    سب میں شامل ہوں ، مگر سب سے الگ بیٹھا ہوں
    ۔۔۔۔۔
    جب سے پیر نصیر الدین نصیر مرحوم گولڑھ شریف کی ویڈیو میرے نعتیہ بلاگ میں عالمی اخبار کی انتظامیہ نے چسپاں کی ہے اس وقت سے میں اس دھن میں لگا ہوا تھا کہ کیوں نہ اس عظیم شاعر پر ایک الگ بلاگ لکھوں اور انکو خراجِ تحسین اور ہدیہ تہنیت پیش کروں۔
    آج کوشش کی مگر بلاگ لکھنے کی اردو فانٹ ، تبصرہ لکھنے کی اردو فانٹ سے مختلف ہونے کی وجہ سے میں اس بلاگ کے عنوان میں لفظ “بی“ کے اضافہ کی تصحیح نہ کرسکا ۔
    بہر حال : خدا کا شکر ہے کہ میں اس بلاگ کو شرو ع کرنے میں کامیاب ہو گیا ہوں۔
    پیر نصیرالدین نصیر صاحب مرحوم سے میری ملاقات دسمبر 2003 میں اسلام آباد میں میری بھانجی مہا سید ابراہیم کی شادی سید شاویز صاحب کے موقعہ پر ہوئی تھی ۔
    میں پیر نصیرالدین نصیر رح کی شخصیت کی عظمت سے بالکل نا واقف تھا ( مغرب میں چالیس سال گذارنے کی وجہ سے میں نہ انکی ادبی عظمت سے باخبر تھا اور نہ مذ ہبی مقام سے واقف تھا ) ۔ مگر میری ملاقات کے دوران مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ ان کی قدم بوسی کے لیے انکے شیدائی جوق در جوق آرہے تھے اور ان سے بات کرنا اپنی خوش قسمتی سمجھ رہے تھے۔ وہ مجھے اپنے قریب بٹھا کر اردو ادب اور شاعری پر گفتگو کررہے تھے اور اپنے اشعار بھی سنا رہے تھے۔ مجھ کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ یہ عظیم شخصیت اردو اور فارسی پر بے حد قدرت رکھتی تھی ۔

    انکا ممنو ن ہوں کہ اس موقعہ پر انہوں نے اپنی اردو غزلیات کی کتاب “پیمانِ شب“ میری ہمشیرہ کو اس کے “ ذوقِ علم “ کی تشفی کے لیے اپنی دستخط کے ساتھ عطا کی تھی۔

    چھ سال گذر گئے میں پیر نصیر الدین نصیر صاحب سے مل نہ سکا جس کا افسوس ہے اور اس کابھی افسو س ہے کہ وہ قبل از وقت ایک سال پہلے اچانک انتقال کرگئے۔ ان کی قرب سے محروم ہوں مگر انکی کتاب “ پیمانِ شب “ میرے پاس ہے جس کے اشعار پڑھکر ایسا محسوس کرتا ہوں کہ پیر صاحب کا مقام اردو اساتذہ کے مقام کے برابر تھا ۔ انکی اس کتاب میں انکی 181 غزلیں موجود ہیں اور ایک سے بڑھکر ایک ہیں ۔

    اس کتا ب کے شروع میں پیر صاحب نے اپنا تعارف یوں کروایا ہے : “ مجھے ذوقِ علم وا دب ورثے میں ملا ۔ پردادا حضرت پیر مہر علی شاہ قدس سرہء ، جد امجد حضرت سید محی الدین المعروف ( بابوجی) اور والد ماجد قبلہ پیر سید غلام معین الدین صاحب ، المتخلص مشتاق علیہم الرحمہ کا شعر و سخن سے لگا و، باخبر احباب کو اچھی طرح معلوم ہے۔ اس موروثی فیض کے علاوہ بھی یہ سمجھتا ہوں کہ اکا بر ِ امت اور اساتذہ ء سخن مولانا رومی رح، مولانا جامی رح، خواجہ حافظ شیرازی رح، شیخ سعدی شیرازی رح، طوطی ء ہند امیر خسرو رح اور میرزا عبدالقادر بیدل رح ایسے نابغہ روزگار نفوس کے کلام نے میرے توسنِ فکر کے لیے مہمیز کا کام کیا“
    اس کتاب کے شروع میں احمد ندیم قاسمی مرحوم نے اپنے مضمون میں یہ لکھا کہ “ سید نصیرالدین نصیر اردو اور فارسی کے ایک نوجوان شاعر ہیں اور دونوں زبانوں میں انکی سخن وری نے پورے ملک میں دھوم مچا رکھی ہے “
    اس مضمون کے علاوہ سید رئیس امروہوی مرحوم نے اپنی تقریظ میں یہ لکھا کہ:
    “ سید نصیرالدین نصیر ایک ممتاز ترین روحانی خانوادے کے چشم وچراغ ہیں ۔ انکی قلندری اور درویشی میں کسے شبہ ہوسکتا ہے۔ صاحبزادہ صاحب کی فارسی رباعیات کا مطالعہ کریں تو عالم ہی دوسرا نظر آتا ہے ۔ ایسامحسوس ہوتا ہے کہ انکے قلب میں مرزا عبدالقادر بیدل کی آواز گونج رہی ہے اوران کے لہجے میں بیدل ہی بول رہے ہیں“
    رئیس امروہوی نے صاحبزادہ صاحب کی اردو شاعری پر کافی معلومات افزا تبصرہ لکھا اور مثال کے طور پر صاحبزادہ صاحب کے یہ اشعار پیش کیے :
    آغوشِ جنو ں میں جارہا ہوں
    ہر غم سے نجات پارہا ہوں
    وہ ناو مجھی کو لے کے ڈوبی
    جس ناو کا ناخدا رہا ہوں
    ۔۔۔
    جان پیاری تھی ، مگر جان سے پیارے تم تھے
    جو کہا تم نے وہ مانا گیا ، ٹالا نہ گیا
    صرف اک بار نظر بھر کے انھیں دیکھا تھا
    زندگی بھر مری آنکھوں کا اجالا نہ گیا
    ۔۔۔
    دل تمہاری طرف سے صاف کیا
    جاو ہم نے تمہیں معاف کیا
    جان کر ان سے بے رخی برتی
    ہم نے اپنا حساب صاف کیا
    ۔۔۔۔
    راہوں سے تری گزر رہا ہوں
    انگاروں پہ پاوں دھر رہا ہوں
    ہے مدِّ نظر ترا تصوّر
    آئینے سے بات کررہا ہوں
    ۔۔۔
    ان سے ہر وقت مری آنکھ لڑی رہتی ہے
    کیا لڑاکا ہے کہ لڑنے پہ اڑی رہتی ہے
    جو کبھی خونِ شہیداں سے حنا بند رہے
    اب انہیں پھول سے ہاتھوں میں چھڑی رہتی ہے
    ۔۔۔
    لاکھ ڈھونڈا مگر نہیں ملتا
    کوئی بھی ہم سفر نہیں ملتا
    ہ بھی اس سے کبھی نہیں ملتے
    کوئی ہم سے اگر نہیں ملتا
    ۔۔۔
    اس کو چل پھر کے ڈھونڈنے والو
    وہ سرِ رہگذر نہیں ملتا
    ۔۔۔
    جگمگانے لگی بام و در چاندنی
    ہر طرف آرہی ہے نظر چاندنی
    ان کے جلووں کی تشریح ممکن نہیں
    سر بہ سر نور ہیں سر بہ سر چاندنی
    ۔۔۔
    بلا کی نامہ ء اعمال پر ہے گل کاری
    کسی کی ہوگی عبارت ، مرا قلم تو نہیں
    ۔۔۔
    یہ بزمِ بتا ں ہے نظارو ں کی دنیا
    اداوں کی بستی اشاروں کی دنیا
    ہمیں ہے فقیری میں شاہی میسّر
    کہاں ہم ، کہا ں تاجداروں کی دنیا
    ۔۔
    اپنے مضمون کے آخر میں رئیس امروہوی نے یہ لکھا کہ “
    انکی غزل کا مجموعہ “ پیمانِ شب“ اپنی تازہ بیانی ، تخیل کی طرفگی ، جذبات کی نفاست اور احساسات کی لطافت کے سبب انشا اللہ ایک مقبول و دل پسند مجموعہ ء سخن ثابت ہوگا “
    ۔۔۔۔۔۔
    میں اس بلاگ کو یہاں پر ختم کرتا ہوں مگر ارادہ ہے کہ پیر نصیرالدین نصیر رح کی اردو غزلیات کی مثالیں انکی تصنیف “پیمانِ شب “ سے پیش کروں ۔
    فقط:
    پیر نصیر الدین نصیر رح کی روحانی اور ادبی شخصیت کی عظمت کا قائل:
    منظور قاضی از جرمنی

  2. منظور بھائی آپ نے تو سچ محفل ہی لوٹ لی ۔۔ پیر نصیر الدین شاہ صاحب میرے انتہائی محبوب شاعر ہیں ۔۔منظور بھائی آپ کا شمار ان خوش قسمت لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے انہیں قریب سے دیکھا ۔۔ انہیں سنا ۔۔ اور ان کی کتاب کو صرحانے رکھا بھی ۔۔ میرے پاس ان کی ایسی کوئی یاد نہیں ہے ۔۔ میرا جی چاھتا ہے کہ اپنی کم نصیبی کا سارا الزام پردیس پر دھر دوں ۔۔ لیکن پھر یہ بھی سوچتی ہوں کہ نہیں میری کوتاہی اس میں زیادہ ہےجو ان سے ملنے کی بر وقت سعی نہیں کی ۔۔اس وقت مجھے ان کا ایک شعر شدت سے یاد آرہا ہے

    یار مرکوز کر ہمیں خود میں
    بن تیرے جا بجا بکھرتے ہیں

  3. 28 جون 2008ء کی شب صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی دعوت ولیمہ پر جگر گوشہ تاجدار گولڑہ حضرت صاحبزادہ پیر سید نصیروالدین نصیر شاہ نے انتہائی خوبصور ت اور دلکش انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور فرمایا یہ بڑا پرُمسرت موقع ہے کہ میں آج ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کے صاحبزادے حسین محی الدین کی تقریب ولیمہ میں شریک ہوا ہوں۔

    میں صرف ڈاکٹر طاہرالقادری سے محبت اور اُن کی حضور غوث پاک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے جو خاص نسبت اور عقید ت ہے۔ اس لئے میں اس تقریب سعید میں حاضر ہوا ہوں۔ میں ڈاکٹر طاہرالقادری صاحب سے محبت بھی کرتا ہوں اور عقیدت بھی رکھتا ہوں اور بلا شبہ آج کے اس دور میں ڈاکٹر طاہرالقادری علومِ اسلامیہ فن خطابت اور تصنیف و تالیف میں یدطولی رکھتے ہیں اور یہ عظیم صاحبِ نسبت ہے اور اللہ تعالیٰ نے جناب ڈاکٹر طاہرالقادری صاحب کے اندر عشقِ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی جو شمع روشن کی اُس حوالے سے کہتا ہوں اور تمام علماء مشائخ اور جملہ حاضرین یہ بات غور سے سماعت فرما لیں کہ میں اپنی مرضی سے سہرا کہتا ہوں میں نے کبھی کسی بادشاہ کا قصیدہ نہیں کہا میں اپنی مرضی کا آدمی ہوں۔

    برشادی خانہ آبادی عزیزم حسین محی الدین قادری
    نورِ نظر محبِ مخلص و محترم جناب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری صاحب زید مجدہ

    عطائے سرکارِ دو جہاں ہے تو فضلِ ربِ قدیر سہرا
    عنایتِ خاص پنج تن کی، نوازشِ دستگیر سہرا

    وہ آمدِ نو عروسِ بطحیٰ وہ عرش پر تہنیت کے نغمے
    تمام دولہوں کا شاہ دولہا، تمام سہروں کا پیر سہرا

    جو قلبِ طاہر میں ذاتِ ختم الرسل کی ہے شمعِ عشق روشن
    اُسی سے ہے ضو پذیر محفل، اسی سے ہے جلوہ گیر سہرا

    دعا ہے، اے سب کی سننے والے! ہمیشہ بن کر رہے جہاں میں
    مسرتوں کی نقیب شادی، محبتوں کا سفیر سہرا

    نگاہِ بد سے خدا بچائے، نظر زمانے کی لگ نہ جائے
    چمک رہا ہے جبینِ نوشہ پہ مثلِ بدرِ منیر سہرا

    جو شاہِ اجمیر رحمۃ اللہ علیہ مہرباں ہیں تو مُلتفت گنج بخش داتا رحمۃ اللہ علیہ
    نتیجۂ لطفِ اولیاء ہے، دعائے پیرانِ پیر رحمۃ اللہ علیہ سہرا

    ہے آج بھی سر پہ سایہ گستر تصرفِ دستِ شاہِ جیلاں رحمۃ اللہ علیہ
    تجھے مبارک کہ ہوگا ثابت ترے لئے دستگیر سہرا

    ملی ہے جس دن سے اس کی لڑیوں کو قادری سلسلے کی نسبت
    ہے غوثِ اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے خاک بوسوں کی آنکھ میں بے نظیر سہرا

    ہے گرچہ مرکز ہر اک نظر کا چمک دمک اور بانکپن میں
    نہیں ہے نوشہ کے رُوئے روشن کا پھر بھی عشرِ عشیر سہرا

    ہزار کوئی لکھے مگر اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے
    جو اپنی جدِّ کریم کے اک مرید کا لکھے، پیر سہرا

    وکیلِ فائق جو طاہرالقادری تو شاعر نصیر خوش گو
    بہ بیت نعم الوکیل شادی، بفضلِ نعم النصیر سہرا

    مجھے تلمذ میں اپنے لیتے، ہر ایک مصرع پہ داد دیتے
    بچشمِ استاد دیکھ لیتے اگر انیس و دبیر سہرا

    جنابِ طاہر وصول کیجئے کہ آلِ زہرا کی بارگہ سے
    حسین محی دیں کی شادی پہ کہہ کے لایا نصیر سہرا

    پیر نصیر الدین نصیر گیلانی سجادہ نشین درگاہِ غوثیہ مہریہ گولڑہ شریف

  4. اک قیامت ڈھائے گا دنیا سے اٹھ جانا میرا
    یاد کرکے روئیں گے یارانِ مے خانہ مجھے

    خاک سے ہو کے ، میرا خاک میں‌ جانا مر کر
    اپنے ہی گھر میں‌ ہو جیسے میرا مہماں‌ ہونا

    جب لحد میں مجھے رکھیں تو خدارا تم (ص) بھی
    جلوہ فرما بہ سرِ گورِ غریباں ہونا

    ( پیر نصیر الدین نصیر گیلانی رح)

  5. تم دخل دے رہے ہو عقیدت کے باب میں
    دیکھو معاملہ یہ ہمار ا علی کا ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ہر سانس وقف ہے شہ لولاک کے لئے
    میری طرف بڑھیں گے ادب سے قضا کے ہاتھ
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    دل کے آنگن میں یہ اک چاند سا اترا کیا ہے
    موج زن آنکھوں میں یہ نور کا دریا کیا ہے
    ماجرا کیا ہے یہ آخر ، یہ معما کیا ہے
    کس کے جلوے کی جھلک ہے یہ اجالا کیا ہے
    ہر طرف دیدہ حیرت زدہ تکتا کیا ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    جب چلے حشر کے میدان میں امت کی سپاہ
    سرور جیش ہو وہ مطلع کونین کا ماہ
    اہل بیت اور صحابہ بھی رواں ہوں ہمراہ
    یہ سماں دیکھ کہ محشر میں اٹھے شور کہ واہ
    چشم بد ور ہو ، کیا شان ہے رتبہ کیا ہے
    (پیر نصیر صاحب)

  6. آپ سب کی خدمت میں پیر نصیر الدین رح کی شان میں لکھے ہوئے چند اقتباسات

    نگینوں کی تلاش
    از صاحبزادہ پیر سید ظفر قادری

    اقتباس:
    کِھلتا ہوا گورا رنگ ، کانوں کی لووں تک آتی ہوئی گھنگھریالی زلفیں ، سلیقے سے ترشی ہوئی سیاہ داڑھی اور چشمے کے پیچھے سے جھانکتی ذہین ، چمکدار اور خوبصورت آنکھیں ، کتابوں میں‌گھرا ہوا ایک وجود۔ اپنے آگے پان دان دھرے ، پہبند باندھے سادہ فرش پر آلتی پالتی مارے بیٹھا ہوا ایک سبک جسم۔ یہ ہے وہ تصور جو نصیر کا نام سنتے ہی ذہن کے پردے پر اُبھرتا ہے۔

    نصیر بھائی سے میری ملاقات ایک عرصے سے ہے۔ مگر پہلی ملاقات کا خوشگوار تاثر جو میرے احساسات میں‌اتر آیا تھا۔ آج تک اسی طرح قائم ہے۔ جب بھی ان سے ملاقات کا اتفاق ہوتا ہے میں ان سے سادہ پان کھانے کی فرمائش کرتا ہوں۔ مگر یہ صرف میں ہی جانتا ہوں کہ پان کھانے کی فرمائش تو ایک بہانہ ہے مقصود ان کے پان دان کا ڈھکنا کھلوانا ہوتا ہے ، جس کے کھلتے ہی شعر و سخن کے دریچے وا ہو جاتے ہیں اور وہ پھول کھلتے ہیں کہ روح تک معطر ہو جاتی ہے۔

    نصیر الدین نصیر کے داد جی حضرت سید غلام محی الدین قدس سرہ المعروف بابو جی جو اعلےٰ حضرت سید پیر مہر علی شاہ قدس سرہ العزیز کے بعد گولڑہ شریف کے روحِ رواں اور تصوف کے افق کا ایک روشن ستارہ تھے۔ راقم الحروف پر انتہائی شفقت فرماتے تھے۔ میرا ان سے تعلقِ خاطر جیسا ان کی پاکیزہ زندگی میں تھا ، آج بھی ہے اور عمر بھر رہے گا۔ ان کی باتیں اور ملاقاتیں ناقابل فراموش ہیں۔ میرے مہربان اور بزرگ دوست شورش کاشمیری مرحوم ، استاد محترم جناب احسان دانش اور میں‌کئی مرتبہ اکٹھے بابو جی رحمۃ‌ اللہ علیہ کی محفل میں شریک ہوتے تھے۔ جو غذائے روح اور تسکین قلب ان کے پاس بیٹھ کر ملتی تھی ، آج اس سے محرومی جاں گسل ہے۔

    وہ ہستیاں الی کس دیس بستیاں ہیں
    اب جن کو دیکھنے کو آنکھیں‌ترستیاں ہیں

    جن لوگوں نے بابو جی رحمۃ اللہ علیہ کو دیکھا ہے یا جنہیں ان کا قرب حاصل رہا ہے میرے ساتھ یقینا اتفاق کریں گے کہ نصیر کو دیکھتے ہی بابو جی رحمۃ اللہ علیہ کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں سے نصیر کی تربیت کی۔ جس کا ثمر آج ہمارے سامنے ہے۔ بیک وقت عربی فارسی اور اردو زباں پر یکساں عبور۔ پھر ان تینوں زبانوں میں شعر کہنے کا فن نصیر کی شخصیت کا نشانِ امتیاز ہے۔ اس نو عمری میں(15 دسمبر 1982) کلام کی پختگی قابلِ تحسین ہے۔ قدیم اساتذہ کا رنگ چھپائے نہیں چھپتا۔ کہیں‌حافظ شیراز رحمۃ ‌اللہ علیہ محبت کی پر پیچ گلیوں میں مستی کے جام لنڈھاتا نظر آتا ہے تو کہیں جامی رحمۃ‌ اللہ علیہ بارگاہِ رسالت پناہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں‌ عقیدت کے گجرے نچھاور کرتا نظر آتا ہے۔

    جب کبھی ہم ماضی کے آئینے میں جھانکتے ہیں‌تو برِ صغیر پاک و ہند میں صوفیا کے مکتب فکر کے تلامذہ کا ایک طویل قافلہ اپنے روشن روشن ناموں سے تاریخ کے صفحات کو منور کرتا نظر آتا ہے۔ حضرت امیر خسرو رحمۃ اللہ علیہ جیسے عظیم موسیقار اور شاعرِ طرحدار ، خواجہ میر درد رحمۃ اللہ علیہ جیسے درد مند قلم کار ، بیدم وراثی رحمۃ اللہ علیہ جیسے نعت گو اور خواجہ حسن نظامی جیسے ادیب ، غرضیکہ ایسے بہت سے نام ہیں جو اپنے سخنِ دلنواز سے خلقِ خدا کے دلوں کو گرماتے رہے۔ یہ سب حضرات صوفیوں ہی کے حلقہ بگوش تھے اور اسی مکتب فکر کا حصہ تھے مگر آج جب زمانہ حال میں نظر ایسے نگینوں کی تلاش میں یہاں وہاں سفر کرتی ہے تو سوائے بے رنگ پتھروں کے کچھ نہیں پاتی۔ اس دور پر آشوب میں اگر کہیں‌ سے تازہ ہوا کا ایک ہی جھونکا نصیب ہوجائے تو غنیمت ہے۔

    وہ خانقاہی نظام جس نے اسلامیانِ پاک و ہند کو جادہ حق پر مضبوط قدموں‌سے چلنا سکھایا ، آج اس کی اپنی چال میں لڑکھڑاہٹ سی محسوس ہوتی ہے۔ ان حالات میں نصیر سا جوانِ رعنا شعر و سخن کی وادیوں میں‌ پھول کھلاتا اور علم تصوف کے بحر عمیق میں‌غوطے لگاتا نظر آتا ہے تو ٹوٹی آس بندھنے لگتی ہے اور اندر سے آواز آتی ہے

    ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جہاں میں

    یا پھر اقبال دروازہ دل پر دستک دیتے ہوئے کہتا ہے کہ

    مرا سبوچہ غنیمت ہے اس زمانے میں
    کہ خانقاہ میں خالی ہیں صوفیوں کے کُدو

    15 دسمبر 1982
    ظفر قادری ، لاہور

  7. غزلیاتِ نصیر گولڑوی
    ڈاکٹر سید عبد اللہ مرحوم

    اقتباس:
    پیر سید نصیر الدین نصیر غزل کی کلاسیکی روایتوں میں پلے ہوئے شاعر ہیں لہذا ان کی غزل سخن کی روایات کی پابند ہے۔ یہ روایت کیا تھی ، ہماری مغرب زدہ سرسری تنقید تو اسے محض قصہ گل و بلبل اور افسانہ ہجر و وصال کہہ کر ٹال جاتی ہے لیکن سچ یہ ہے کہ یہ روایت ایک حیا دار اور وضع دار تہذیب کی ترجمان تھی۔ جس میں‌ایک نگاہِ دزدیدہ دلوں کے ہزار افسانے رقم کر سکتی تھی اور روایتوں کے شاعر کا کمال یہ تھا کہ ایما اور رمز کے ایک ہی لفظ یا استعارے کے ذریعے معانی کے ہزاروں جلووں‌کے گلزار سجا دیا کرتا تھا۔ طولِ کلام کا جو عیب طرزِ جدید میں‌ہے ، اس سے یہ شاعری پاک تھی۔ ضبطِ نفس اور ضبط بیان دونوں ہمرکاب چلتے تھے۔ اس میں نہ خندہ دنداں نما تھا نہ گفتارِ بے باک۔
    یہ تو کچھ ایسا ماجرا تھا جو میر نقی میر پر گزرا تھا

    اک نگہ ، ایک چشمک ، ایک سخن
    ہے مگر اس میں بھی تامل سا

    وہ شاعری یا غزل جسے روایت کی غزل کہا جاتا ہے اس میں شاعر کو تلمیذ ربانی کا صحیح استحقاق حاصل کرنے کے لئے اساتذہ کبار کے طرزِ ادا ، اُن کی زبان ، اُن کا بیان ، اُن کا تیور ، اُن کا ایمائے خفی و جلی اور ان کی بلاغت و فصاحت اُن کی صحبت میں یا ان کے دواوین کے ذریعے حاصل کرنا پڑتی تھی تا کہ ان کا لب و لہجہ حاصل ہو سکے اور کلام کے مقامات سے کامل آگاہی ہو سکے۔ اور پھر قدرتی شاعر(تلمیذ ربانی) اساتذہ کے محاورے میں‌اپنے منفرد احساسات کو بخوبی و خوش اسلوبی ڈھالنے پر قادر ہو سکے۔
    الحمد للہ اس دورِ بے زبان و کج مج بیانی میں شاہ نصیر گولڑوی جیسے لوگ بھی جو تلمیذ ربانی ہونے کے باوجود اساتذہ کبار کے کلام کے بحر مواج میں غوطہ زن ہوئے ، ان سے بیان کا لطف اور لب و لہجہ سیکھا اور پھر اس میں فطرت کے گل و گلستان سجائے کئے۔

    غزل کی شاعری میں حسن آفرینی اور معنی آفرینی کا ایک وسیلہ ردیف کا انداز ہے۔ اس سے قدرتِ زبان کا بھی اظہار ہوتا ہے۔ شعر میں بات بھی پیدا ہو جاتی ہے اور آواز و آہنگ کی لطافتیں بھی نمودار ہو جاتی ہیں۔ قدیم اساتذہ اس تکنیک میں خاص کمال حاصل کرنے کی کوشش کیا کرتے تھے۔
    نصیر گولڑوی کی غزلیات میں بھی ردیفوں کی شان پائی جاتی ہے۔ جن میں‌ زندگی کی حقیقتوں اور قلبِ انسانی کی لطافتوں کو بہ اندازِ خوش پیش کیا گیا ہے۔ زبان کی شیرینی اور بیان کی خوبی اس پر مستزاد ہے۔ عالم شباب میں‌کسی کی اتنی پختہ شاعری میں نے بہت کم دیکھی اور پڑھی ہے۔
    2 اکتوبر 1982
    فقط سید عبد اللہ

  8. اقتباس:
    سید نصیر الدین نصیر ایک ممتاز ترین روحانی خانوادے کے چشم و چراغ ہیں۔ ان کی قلندری اور درویشی میں‌کسے شبہ ہو سکتا ہے۔ ان کی فارسی رباعیات کا مطالعہ کریں تو عالم ہی دوسرا نظر آتا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کے قلب میں‌مرزا عبد القادر بیدل عظیم آبادی رحمۃ‌ اللہ علیہ کی آواز گونج رہی ہے اور ان کے لہجے میں بیدل رحمۃ‌ اللہ علیہ ہی بول رہے ہیں۔
    از سید رئیس امروہوی مرحوم

  9. بسم اللہ الرحمن الرحیم
    تضمینات
    برکلام حضرت مولانا احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ
    از شاعر ہفت زباں علامہ پیر سید نصیر الدین نصیر گولڑوی

    پیش گفتار
    ڈاکٹر توصیف تبسم (بدایونی)
    اسلام آباد 3 ربیع الاول 1426 ھجری
    پیر نصیر الدین نصیر گولڑوی کی ان تضمینوں پر جو حضرت مولانا احمد رضا خان فاضل بریلوی کے کلام پر کی گئی ہیں، گفتگو کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ تضمین کے حدود و مطالب و معانی پر غور کرلیا جائے تاکہ بات چیت زیادہ مربوط اور بامعنی انداز میں آگے بڑھ سکے۔ تضمین کے لغوی معنی ، قبول کرنا اور پناہ میں لینے کے ہیں، تضمین کا لفظ ضم سے مشتق ہے جس کے معنی ملانا یا پیوست کرنا ہیں۔ اصطلاح میں ، تضمین کسی دوسرے شاعر کے کسی شعر یا مصرع کو اپنے کلام میں شامل کرنے کا نام ہے۔ اگر وہ شعر یا مصرع جس کی تضمین کی جائے معروف اور جانا پہچانا نہ ہو تو سرقہ یا توارد کے الزام سے بچنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ اس امر کی طرف اشارہ کردیا جائے کہ یہ شعر یہ مصرع میرا نہیں، کسی اور شاعر کا ہے،
    جیسے سودا کہتے ہیں

    میں کیا کہوں کہ کون ہوں سودا، بقول درد
    جو کچھ کہ ہوں سو ہوں ، غرض آفت رسیدہ ہوں

    تضمین کی ایک صورت تو یہ ہے کہ تضمین لکھنے والا شاعر کسی خاص مصرع یا شعر کو بنیاد بنا کر پوری نظم تخلیق کرتا ہے۔ اقبال کے یہاں اس قسم کی تضمینوں کی واضح مثالیں موجود ہیں۔ انہوں نے بانگ درا میں ابوطالب کلیم ، صائب ، انیسی شاملو کے شعروں کو اسی طرح جزوکلام بنایا ہے۔ دوسری صورت تضمین کی یہ ہے کہ پوری غزل کو شعر بہ شعر تضمین کیا جائے ، یوں اصل غزل کی ہیئت تضمین ہونے کے بعد مخمس کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔ تضمین کا بنیادی فریضہ اصل شعر کی شرع و تفسیر ہوتا ہے مگر بعض صورتوں میں تضمین کرنے والا شاعت کسی شعر کو نئے سیاق و سباق میں رکھ کر اس کو ایک نئی جہت عطا کرتا ہے، جیسے مولٰنا غنی کاشمیری کا شعر، جس کی تضمین اقبال نے اپنی نظم “خطاب بہ نوجوانان اسلام” میں کی ہے
    غنی ، روزِ سیاہ پیر کنعاں را تماشا کن
    کہ نورِ دیدہ اش روشن کند چشم زلیخا را
    اقبال نے غنی کے اس شعر کو ایک نئی معنویت سے ہم کنار کیا ہے۔ یہاں “پیر کنعاں” سے مراد ملتِ اسلامیہ ، حضرت یوسف سے مراد مسلمانوں کا علمی سرمایہ ہے جو اہل یورپ(زلیخا) کی آنکھوں کی روسنی کا وسیلہ بنا ہوا ہے۔ تضمین کی اکثر و بیشتر صورتوں میں اصل شعر کی تشریح و تفسیر ہی ہوتی ہے۔ تضمین کے اس بنیادی مقصد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے مرزا عزیز بیگ سہارن پوری نے غالب کی اردو غزلیات کی تضمین سعوری طور پر اس انداز سے کی ہے کہ کلام غالب کو ایک عام قاری کے لیے آسان بنایا جاسکے۔ ان کی اس منظوم تشریح کا نام “روحِ کلام غالب” ہے۔ اس تضمینِ کلام غالب کی تعریف کرتے ہوئے نظامی بدایونی لکھتے ہیں:
    “اس کی ادنی خصوصیت یہ ہے کہ مشکل ترین اشعار کے معانی اور مطالب اس درجہ واضح ہوجاتے ہیں کہ کسی شرح کےدیکھنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی”
    حضرت مولانا احمد رضا خان کے کلام کے حوالے سے جب ہم پیر سید نصیر الدین نصیر کی تضمینوں پر نظر ڈالتے ہیں تو ایک خوشگوار حیرت ہوتی ہے کہ ان کی یہ کاوشیں جن میں آٹھ نعتیں ، ایک منقبت اور ایک سلام شامل ہے ، تضمین کے اصل مقصد کو بطریق احسن پورا کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ اصل شعر جس پر شاعر تین اضافی مصرعے بہم پچاتا ہے۔ ان مطالب کو کھول کر بیان کردیتے ہیں جن کی طرف اصل شعر میں مبہم اشارے موجود ہوتے ہیں۔ اس طرح تضمین کا ہر بند ایک ایسی وحدت کی شکل اختیار کرلیتا ہے جو اپنی جگہ مکمل اور حد درجہ مربوط ہوتی ہے۔ تضمین کی اس خصوصیت کی طرف علامہ نیاز فتح پوری اپنی تصنیف انتقادیات (ص 283) میں اس کی طرف اشارہ کرتے ہیں:
    “تضمین کی خوبی یہ ہے کہ وہ اصل شعر کے ساتھ مل کر بالکل ایک چیز ہو جائے”
    نصیر الدین نصیر کی تضمین کا ایک بند بطورِ مثال

    دل کے آنگن میں یہ اک چاند سا اترا کیا ہے
    موج زن آنکھوں میں یہ نور کا دریا کیا ہے
    ماجرا کیا ہے یہ آخر ، یہ معما کیا ہے
    کس کے جلوے کی جھلک ہے یہ اجالا کیا ہے
    ہر طرف دیدہ حیرت زدہ تکتا کیا ہے

    اصل شعر میں جو تحیر کا عنصر تھا ، اس کو باکمال تضمین نگار نے اس طرھ پورے بند میں پھیلا دیا ہے کہ سارے مصرعے مل کر ایک پُرلطف فضا کی تشکیل کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں ،
    ایک اور بند دیکھیے

    جب چلے حشر کے میدان میں امت کی سپاہ
    سرور جیش ہو وہ مطلع کونین کا ماہ
    اہل بیت اور صحابہ بھی رواں ہوں ہمراہ
    یہ سماں دیکھ کہ محشر میں اٹھے شور کہ واہ
    چشم بد ور ہو ، کیا شان ہے رتبہ کیا ہے

    ان بندوں میں جزئیات و واقعات کی ترتیب اس طرح رکھی گئی ہے کہ ایک متحرک تصویر چشمِ تصور کے سامنے آجاتی ہے۔ شاعری کا یہ وہ مقام ہے جہاں شعر مصوری کی حدود میں داخل ہوجاتا ہے۔ یہ چند مثالیں بطور نمونہ پیش کی گئیں ورنہ یہ کیفیت ان تضمینوں میں کم و بیش ہر جگہ موجود ہے۔ زور بیاں ہے کہ کہیں کم نہیں ہونے پاتا جس سے پیر نصیر الدین نصیر کی قدرت کلام کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ وہ ایک مدت سے اردو اور فارسی میں داد سخن دے رہے ہیں۔ اب تک ان کے متعدد مجموعہ ہائے کلام زیور طباعت سے آراستہ ہوکر منظر عام پر آچکے ہیں۔ خصوصا انہوں نے اردو اور فارسی میں صنف رباعی کو جس قرینے اور سلیقے سے برتا ہے اس کی نظیر آج کے دور میں مشکل ہی سے ملے گی۔ رباعی اپنی فنی قیود ، خاص بحور اور دوسرے التزامات کے سبب ایک مشکل ترین صنف سمجھی جاتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہر شاعر اس صنف پر ہاتھ ڈالتے ہوئے ڈرتا ہے۔ نصیر الدین نصیر نے جو ریاضت رباعی کے میدان میں کی ، اس نے ان کے تضمین کے فن کو ان کے لیے آسان بنا دیا۔ جیسے رباعی کے چار مصرعوں میں بتدریج ایک ارتقائی کیفیت اس کے حسن کا باعث ہوتی ہے ، یہی صورت حال ان کی تضمین کے پر بند مٰیں‌موجود ہے۔ نصیر الدین نصیر کی عربی اور فارسی کی بنیاد حد درجہ مستحکم ہے۔ اسی لیے وہ تضمین کرتے ہوئے ، ان مشکل مقامات سے با آسانی گزر جاتے ہیں جہاں دوسرے شاعروں کے پاوں لڑکھڑا جائیں۔

    صوم و صلوۃ ہیں کہ سجود و رکوع ہیں
    ہر چند شرع میں یہ اہم الوقوع ہیں
    حبِ نبی نہ ہو تو یہ سب لا نفوع ہیں
    ثابت ہوا کہ جملہ فرائض فروع ہیں
    اصل الاصول بندگی اس تاجور کی ہے

    تضمین کے لغوی معانی پر اگر غور کرلیا جائے تو اس سے یہ نتیجہ بھی نکلتا ہے کہ جس شاعر کا کلام ، تضمین کے لیے منتخب کیا جاتا ہے ، دراصل ایک طرف تو اس خاص شاعر سے یہ اظہار عقیدت کی صورت ہے تو دوسری طرف تضمین کرنے والے شاعر کی اثر پذیر طبیعت کا ثبوت بھی ہے۔ نصیر میاں نے بھی ، حضرت مولانا احمد رضا خاں رحمۃ اللہ علیہ کی نعت ، منقبت اور سلام کا انتخاب ، تضمین کے لیے کر کے ایک طرح ان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ورنہ وہ یہ کبھی نہ کہتے

    اہل نظر میں تیرا ذہن رسا مسلم
    دنیائے علم و فن میں تیری جا مسلم
    نزد نصیر تیری طرزِ نوا مسلم
    ملک سخن کی شاہی تجھ کو رضا مسلم
    جس سمت آگئے ہو سکے بٹھا دئیے ہیں

    پیر سید نصیر الدین نصیر کو نعتیہ تضمین کرتے ہوئے ، دوسرے عام شاعروں کے مقابلہ میں ایک یہ فضیلت بھی حاصل ہے کہ وہ اعلی حضرت سید پیر مہر علی شاہ صاحب گولڑوہ قدس سرہ کے خانوادہ سے ہیں ، یوں وہ دوسرے نعت گو شعراء کے مقابلہ میں حمد و ثنا کی اسی مقدس فضا میں سانس لے رہے ہیں ، جو حضرت فاضل بریلوی کو میسر تھی۔
    شعر کے معانی و مطالب کے پہلو بہ پہلو ، اس کا دوسرا جزو زبان و بیان سے تعلق رکھتا ہے۔ حضرت احمد رضا خان ، اردو زبان کے ایک ایسے مرکز U-p سے متعلق تھے ، جو شعر میں حسن محاورہ اور لطف روزمرہ کا قائل تھا۔ اسی لیے ان کی نعتوں میں زبان و بیان کی ایک خاص چاشنی ملتی ہے۔ پیر سید نصیر الدین نصیر بھی اپنی ان تضمینوں میں ، اصل نعت کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ، اسی زبان و بیان سے کام لیتے ہیں ، جو اس کا اولین تقاضا تھی۔ حیرت اس بات پر ہوتی ہے کہ اردو زبان و ادب سے کے مراکز سے دور ، گولڑہ شریف میں رہ کر انہوں نے اس زبان کو کیسے سیکھا ،ان کا ایک اور بند دیکھیے:

    سر پر سجا کے حمد و ثنا کی کی گھڑولیاں
    وہ عاشقوں کی بھیڑ ، وہ لہجے ، وہ بولیاں
    جالی کے سامنے وہ فقیروں کی ٹولیاں
    لب وا ہیں ، آنکھیں بند ہیں ، پھیلی ہیں جھولیاں
    کتنے مزے کی کی بھیک ، ترے پاک در کی ہے

    امید واثق ہے کہ یہ نعتیہ تضمین ، صاحبان دل کے حلقوں میں ذوق و شوق سے پڑھی جائیں گی اور اپنی روحانیت اور اعلی شعری خصوصیات کے سبب دربارِ بقا میں جگہ پائیں گی۔

    ڈاکٹر توصیف تبسم
    اسلام آباد
    3 ربیع الاول 1426 ھ

  10. تخلیقاتِ نصیر
    پیر نصیر الدین نصیر

    اقتباس:
    آغوشِ حیرت(فارسی رباعیات)
    پیمانِ شب (اردو غزلیات)
    دیں ہمہ اوست (عربی ، فارسی ، اردو ، پنجابی نعتیں )
    امام ابوحنیفہ اور ان کا طرزِ استدلال (اردو مقالہ)
    نام و نسب (سیادتِ غوثِ پاک کے تحقیقی ثبوت اور شیعہ و خوارج کے عقائد کا تفصیلی جائزہ)
    فیضِ نسبت (عربی ، فارسی ، اردو ، پنجابی مناقب)
    رنگِ نظام ( قرآن و حدیث کی روشنی میں اردو مجموعہ رباعیات )
    عرشِ ناز (فارسی ، اردو ، پوربی ، پنجابی اور سرائیکی میں ‌متفرق کلام)
    دستِ نظر (اردو غزلیات)
    راہ و رسمِ منزل ہا (تصوف اور عصری مسائل)
    تضمینات بر کلام حضرت رضا بریلوی
    قرآنِ مجید کے آدابِ تلاوت
    لفظ اللہ کی تحقیق
    اسلام میں شاعری کی حیثیت
    مسلمانوں کے عروج و زوال کے اسباب
    پاکستان میں زلزلے کی تباہ کاریاں ، اسباب اور تجاویز
    فتوی نویسی کے آداب
    موازنہ علم و کرامت
    کیا ابلیس عالم تھا؟

  11. السلام علیکم
    قاضی صاحب بہت ہی بہترین بلاگ ہے ۔ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی آپ نے ایسا بلاگ بنایا ہے جس ہے ہم جیسے کم علموں کی معلومات میں بے انتہا اضافہ ہوتا ہے
    پروردگار آپ کو اسی طرح ہم جیسوں کے علم میں اضافہ کرنے کے لئیے وسیلہ بنائے رکھے ۔الٰہی آمین

  12. پیر سید نصیر الدین شاہ مرحوم و مغفور کا ذکر ہو اور ہم خراج عقیدتپیش نہ کریں، یہ ممکن نہیں۔
    مرحوم صرف شاعر ہی نہیں، بلکہ مؤرخ، فلسفی اور صاحب منطق خطیب بھی بے مثال تھے۔ ایک مثال پیش خدمت ہے۔ آج تک تاریخ صرف امام حسن المجتبیٰ علیہ السلام کو شہزادہ امن کہتی ہے اور ان کہنے والوں میں ایک میں بھی شامل ہوں۔ لیکن پیر صاحب کا ایک مکالمہ سن 1999 یا 2000 میں 15 رمضان المبارک کو پی ٹی وی پر سنا تھا جس میں وہ فرماتے ہیں کہ صرف امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کو شہزادہ امن کہنا اس لئے درست نہیں کیونکہ امامین کریمین حسنین شریفین (امام حسن و امام حسین علیھما السلام) دونوں ہی شہزادگان امن ہیں۔ امام حسین (ع) کا قیام بھی دنیا کے امن کا ضامن ہے اور امام حسن (ع) کا بیٹھ جانا بھی امن کی ضمانت ہے۔ اگر میدان کربلا میں امام حسن (ع) ہوتے تو وہی کرتے جو امام حسین (ع) نے کیا۔ حدیث رسول ہے کہ میرے دونوں بیٹے امام ہیں ، کھڑے ہوں یا بیٹھ جائیں۔ اس حوالہ سے ان کی منطق عین اسلام تھی اور تاریخ کی درستگی کا سبب بھی۔

    پیر نصیر الدین شاہ گولڑوی سلسلہء قادریہ سے بتوسط حضرت عبدالقادر گیلانی اولاد امام حسن مجتبیٰ (ع) ہیں۔ ان کے جد جناب سید عبد اللہ محض بن حسن مثنّیٰ بن حسن ابن علی ابن ابی طالب ہیں۔(علیھم السلام)۔ سید حسن مثنّیٰ کے والد امام حسن مجتبی(ع) اور والدہ ماجدہ سیدہ فاطمہ بنت الامام الحسین المعروف فاطمہ صغریٰ ہیں۔ یہ وہی فاطمہ صغریٰ (ع) ہیں جو شوہر کی مدینہ میں عدم موجودگی اور بیماری کے سبب سفر کربلا میں امام حسین (ع) کے ساتھ نہ جا سکیں۔ حسن مثنّنیٰ جونہی مدینہ لوٹے تو کربلا کی طرف چل پڑے اور کربلا سے باہر جنگ کرتے ہوئے شدید زخمی ہو کر بیہوش ہوگئے جنہیں یزیدی فوج مردہ سمجھ کر چھوڑ گئے۔ بعض مؤرخین کے نزدیک یہ واقعہ بھی عاشورہ (دس محرم) کے دن ہی پیش آیا، اس لئے یزیدی فوجی انہیں مجروح چھوڑ کر کربلا کی طرف متوجہ ہو گئے تھے۔ امام حسن مجتیٰ (ع) کی اولاد صرف انہی فرزند سے چلی ہے۔ طباطبائی سادات بھی انہی کی ایک شاخ ہیں۔
    پیر نصیر الدین شاہ کا سلسلہ نسب ہر دو طرف سے امامین کی طرف ملنے کے سبب ہر طور سے نجیب الطرفین ہے اور خالصتا فاطمی(ع) ہے ۔
    آپکا سلسہ ء طریقت حضرت عبد القادر جیلانی سے آگے کڑی بہ کڑی خواجہ معروف کرخی علیہ الرحمہ اور سری سقطی کے وسیلہ سے امام علی ابن موسیٰ الرضا (علییھما السلام) سے ملتا ہے۔ امام رضا (ع) کا مدفن مشہد ایران میں ہے۔
    پیر صاحب کا ایک شعر یاد آ رہا ہے، پیش خدمت ہے

    لحمک لحمی ہے اگر قول نبی تو
    بر نام علی صلِّ علیٰ کیسا لگے گا۔
    مرحوم ہمہ جہت شخصیت ہونے کے باوجود فقہی نزاعات اور فروعی مسائل کبھی کبھار میں شدت کے بھی قائل نظر آتے ہیں۔
    اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔
    قبلہ منظور صاحب سے معذرت کہ شعری محفل میں نثر لے آیا، لیکن دل چاہا کہ انکا مختصر سا تعارف بھی کرادوں۔

  13. ماشااللہ کیا بلاگ چل رہا ہے. پیر نصیر الدین کمال شخصیت تھے. کل انشااللہ انکے ساتھ گزارے لمحات کےبارے میں لکھوں گا

  14. بابا ایسی ہستی ہیں جنہیں پیر نصیر الدین شاہ صاحب کے دوست ہونے کا شرف بھی حاصل رہا ۔۔ میری دلی تمنا ہے کہ بابا ان سے متعلق اپنی یادیں ہم سب میں تقسیم کریں ۔۔

  15. کعبے کا شوق ہے نہ صنم خانہ چاہیئے
    جاناں چاہیئے درِ جاناں چاہیئے

    “>

  16. یوں توشاید یہ ایک عام سی بات ہو جو آپ اکثر سنتے رہے ہیں کہ کچھ لوگ دوسرے لوگوں کا ذکر اپنے نام کے ساتھ کر کے اپنا قد بلند کر رہے ہوتے ہیں لیکن مجھے اس بات کا حلفیہ اعتراف ہے کہ میں پیر نصیر الدین نصیر کے ذکر میں اپنے نام کا پیوند لگا کر واقعی اپنے کوتاہ قدکو بلند کر رہا ہوں کہ یہ اعزاز بھی خالق لوح و قلم ہر کسی کو عطا نہیں کرتا.
    میں تو وہ خوش قسمت آدمی ہوں جس کی 59 سالہ زندگی کے لاتعداد ادوار ایسی ہی عنایات پروردگار سے بھرے پڑے ہیں اور جب بھی ان پر نظر ڈالتا ہوں تو سر سجدہ شکر سے اٹھتا ہی نہیں ہے.
    پروردگار نے کلام پاک میں خود ”نسبت” کا ذکرکیا ہے اور سچ تو یہ ہے کہ یہی نسبتیں ہم جیسے گمنام نہیں بلکہ بے نام لوگوں کو نام دے دیتی ہیں.
    پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو میرے مولا نے مجھے کیسا اہل علم خاندان دیا،والد مرحوم مصطفیٰ علی ھمٰدانی ایک تاریخ ساز شخصیت،ماہر لسانیات،ماہر نشریات، فارسی،اردو اور عربی کے شاعر…..تایا مرحوم افتخار علی اپنے زمانے کے حکیم حاذق اور ایسے خدا ترس کہ اہل لاہور کے بڑے بوڑھے آج بھی یاد کرتے ہیں…والدہ زکیہ خانم کسی یونیورسٹی کی پڑھی ہوئی تو نہیں تھیں لیکن خود اپنی ذات میں ایک یونیورسٹی تھیں. بھائی بہنیں ایسی کہ مجھے ایک ایک پر فخر ہے اور ہر کوئی اپنی اپنی فیلڈ میں اپنے اپنے شعبے میں ماہر.
    ماموں رضا ھمٰدانی اور خالو فارغ بخاری دونوں اردو ادب کے ایسے بڑے نام کہ شاید اس سارے خانوادے کا واحد فرد ہوںکہ اس ادب کی وراثت کو لیکر چل رہا ہوں.
    اللہ تعالیٰ نے نسبتوں کے اس تسلسل کو باران رحمت کی طرح مجھ پر برسایا ہے. اہلیہ ماہ پارہ خود بھی علم و ادب اور نشریات سے وابستہ اور اسی تسلسل کی ایک کڑی میرا بیٹا محمد اور بیٹی زہرا کہ اولادیں بھی آپ کی نیک نامی کی نسبت اور وسیلہ ہوتی ہیں.
    زمانہ طالب علمی میں سکول سے لیکر کالج تک ایسے ایسے جید اساتزہ ملے کہ انہوں نے اس پتھر کو ہیرا بنا دیا.یقین کریں میرے حافظے میں آج بھی اپنے ایک ایک استاد کا نام محفوظ ہے اور بہت جلد ایک کالم ان برگد نما درختوں کے بارے میں لکھوں گا لیکن کالج کے دو استاد مرحوم ڈاکٹر پروفیسر آغا سہیل اور اقبال مرزا ایسے نام ہیں کہ ان سے میں اپنی نسبت اعزاز سمجھتا ہوں کہ میری ادبی اور فنی زندگی میں انکا بڑا ہاتھ ہے.
    بچپن سے ہی مولا نے ایسے مواقع عطا کیئے کہ اپنے عہد کے علمائے دین اور مبلغین کے ساتھ بیٹھنے کے مواقع ملے اور ان میں بالخصوص حافظ کفایت حسین،مولانا اظیر حسن زیدی، بشیر فاتح ٹیکسلا، پنڈت نیک رام اور آیت اللہ طیب جزائری ایسے نام ہیں کہ جنکی انگلی پکڑ کر میں نے حروف ابجد لکھنا سیکھے.
    شاعری،ادب،نشریات اور صحافت کے شعبوں میں بھی ایسے ایسے قد آور نام ہیں کہ انکے ذکر سے ہی میں جیسے ”نو گزہ” ہو جاتا ہوں.
    ضرور لکھوں گا ان سب کے بارے میں کہ یہ سب مجھ پر ایک قرض ہے.
    ہاں ایک اعتراف ہے کہ میرے دوستوں کی فہرست بہت مختصر ہے وہ شاید اس لیئے میں تعلقات عامہ کے فن سے قطعی نابلد ہوں اور دوست کی پہلی خامی خود بتانے کی کوشش کرتا ہوں اور دوست کھو بیٹھتا ہوں. کچھ نام نہاد دوستوں نے کچھ دھوکے بھی ایسے دیئے کہ دوستی کے نام سے منافقت اور مفاد پرستی کی بو آنے لگی.لیکن ایسے ہی دوستوں کے ساتھ ایسے دوست بھی ہیں جو بےبلا مفاد اس بے برگ وبار شجر کے ہمراہ ہیں. ان میں پہلا نام نامور وکیل اکرم شیخ کا ہے کہ جو کسی بھی منصب پر رہنے کے باوجود کبھی نہیں بھولے اس خاکسار کو،نیدر لینڈ کے شہر ہیگ میں مقیم میرے بچپن کے دوست اعجاز سیفی کہ دوستی کی ہر تعریف پر پورا اترتے ہیں.میرا بیٹا محمد کہ میرا بہت اچھا دوست ہے.قاضی منظور جو مقیم میونخ جرمنی ہیں.عمر میں مجھ سے بڑے لیکن دوستی میں عمر کی کیا قید ہوتی ہے؟باقی شعبوں کے معدودے چند دوستوں میں سے تین دوست ایک ہی شہر سے تعلق رکھتے ہیں.سڈنی میں مقیم سید ظفر حسین،سید مصباح حسین اور ڈاکٹر نگہت نسیم. سید ظفر نے سوائے ایک دو مقامات کے ہر جگہ پر عزت دی .مصباح عمر میں چھوٹا لیکن علم میں بڑا.ایک اعلی اور دینی خانوادے کا مہذب حوالہ. ڈاکتڑ نگہت نسیم محبت اور ہمدردی کے ساتھ ساتھ احسان مندی کو تسلیم کرنے کی ایسی مثال کہ لوگ حسدد کرنے لگیں.اللہ پاک نے دنیا بھر میں بہت کم لوگوں کو یہ عزت دی ہوتی ہے کہ وہ احسان مند رہیں اور نگہت نسیم ان میں سے ایک ہیں.
    بات تو کرنا تھی پیر نصیر الدین نصیر کی اور ذکر ہو گیا ان سب احباب کا تو شاید کوئی مصلحت پروردگار تھی اسمیں. یہ سب وہ نسبتیں ہیں جو اپنے اپنے انداز میں اس اوپر والے کی رحمت ہیں.
    پیر نصیر الدیں نصیر میرے والد کے مداحین میں سے تھے اور اسکی بڑی وجہ لسانیات تھی. میں جب ریڈیو پاکستان راولپنڈی اور اسلام آباد میں رہا تو پیر نصیر سے ملاقاتوں کا سلسلہ بڑھا اور محبت محمد آل محمدہم دونوں کا مشترکہ سرمایہ تھا. میں پیر نصیر کے آستانے پر بھی جایا کرتا تھا اور انکی محبت خاص اس قدر مجھ فقیر پر رہی کہ وہ اپنے ذاتی کمرے میں بٹھاتے جہاں وہ فرش نشین ہوتے اور انکے اردگرد سانس لیتی کتابوں کا ہجوم ہوتا. اسی فرش پر بیٹھ کر وہ ہمیں وہی لنگر کھانے کو دیتے اور خود بھی کھاتے جو باہر عالم زائرین کے لیے پکا ہوتا تھا.
    پیر نصیر اپنے خانوادے کی نسبت سے پیر تھے ورنہ ان میں زمانے کےعام پیروں کی باتیں بہت کم تھیں.خوبصورت انسان اور خوبصورت باتوں کے ساتھ ساتھ عشق اہلبیت سے معمور دل.
    راولپنڈی سے ملحقہ شہر واہ میں عید میلاد النبی کا بہت بڑا کل پاکستان نعتیہ مشاعرہ ہوا کرتا تھا.میں چونکہ ہمیشہ گوشہ نشین سا انسان رہا ہوں اس لیے یہاں میرا وسیلہ اور نسبت پیر نصیر بنے اور انہوں نے پہلے سال انتظامیہ کو مجھے مدعو کرنے کو کہا اور پھر کئی سال میں نے اس نعتیہ مشاعرے میں شرکت کی جس کی صدارت پیر نصیر کیا کرتے تھے.
    ایسے ہی ایک مشاعرے کا واقعہ سنا کر اجازت اور پھر کسی وقت پیرنصیر کی کرامات کے بارے میں لکھوں گا،
    ایسے ہی ایک نعتیہ مشاعرے میں کراچی سے نصیر ترابی اور مرحوم اقبال عظیم تھے اور پنڈی سے میرے علاوہ بشیر زیدی اسیر،سید فیضی اورپروفیسر احسان اکبر.ہم سب لوگ ایک ساتھ واہ گئے.
    پنڈال میں پہنچے تو پیر نصیر مرحوم صدر مشاعرہ ہونے کے باوجودخود مداح خوان حبیب خدا کااستقبال کر رہے تھے. انکے ساتھ انکے مریدوں کی ایک طویل قطار تھی. جس جس سے پیر نصیر مصافحہ کرتے مرید بھی اسی محبت سے ہاتھ ملاتے،اگر پیر صاحب کسی سے بغل گیر ہوتے تو مرید بھی اس سے بغل گیر ہوتے.
    نہ جانے قدرت کو کیا منظور تھا کہ پیر نصیر نے روایتی فارسی زبان میں مجھ فقیر کو خوش آمدید کہتے ہوے میرے دائیں ہاتھ پر بوسہ دے دیا. بس اب کیا تھا مریدوں کی پوری قطار اس دائیں ہاتھ کے جیسے پیچھے پڑ گئی. ہر ایک مرید اپنے پیر کی نسبت کو باندازنصیری نچھاور کر رہا تھا
    میرے لیئے یہ پہلا اور عجیب تجربہ تھا. جب مریدوں کی پوری قطار ہاتھ کو بوسہ دینے کے عمل سے گزر چکی تو ہاتھ کے ساتھ میرا چہرہ بھی سرخ ہو چکا تھا، میرے ساتھ کھڑے بشیر زیدی اسیر صاحب کو میں نے کہا کہ ”زیدی صاحب یہ کیا ہوا ”؟ زیدی صاحب نے مجھے گلے لگایا اور راز دارانہ لہجے میں کہنے لگے” صفدر میاں شکر کرؤ پیر نصیر نے ہاتھ پر بوسہ دیا .یہ سوچو اگر وہ تمہارے رخسار پر یا ماتھے پر بوسہ دے دیتے تو اسوقت تمہارا کیا حال ہوتا”.
    اب جبکہ میں یہ سطور لکھ رہا ہوں تو مجھے اپنے دائیں ہاتھ پر پیر نصیر الدین نصیر کے بوسے کا لمس بہت تازہ محسوس ہو رہا ہے.
    چوما تھا اس نے لمحے کوصفدر ہمارا ہاتھ
    برسوں کے بعد تازہ ہے وہ لمس آج بھی

  17. میں نم آنکھوں کے ساتھ اوپر کےتمام تبصرے بار بار پڑھتا جاتا ہوں ا ور خوش ہوتا جاتا ہوں کہ اللہ نے پیر نصیرالدین نصیر مرحوم کی چند لمحوں کی قربت مجھے بھی عطا کی اور اس بلاگ کے شروع کرنے کی ہمت عطا کی ۔
    یہ میری خوش قسمتی ہی تھی کہ پیر نصیرالدین نصیر صاحب نے مجھے اپنے قریب بٹھا کر باتیں کیں۔ اسی قسم کی ہم نشینی کے اثر سے متعلق سعدی شیرازی نے اپنا شعر کہا تھا کہ :
    جمالِ ہم نشیں در من اثر کرد
    وگرنہ من کہ اک خاکم کہ ہستم
    ( ترجمہ : ہم نشین کا جمال مجھ پر اثر انداز ہے ورنہ میں وہی ایک خاک ہوں جو کہ پہلے تھا )
    پیر نصیرا لدین نصیر صاحب رح نے مجھے اپنے قریب بلا کر اور اپنی علم سے سرفراز کرکے مجھ پر جو احسان کیا وہ میں کبھی بھول نہیں سکتا ۔
    یہاں یہ بات بھی کہنا ضروری سمجھتا ہوں کہ اب تک صفدر ھمدانی صاحب سے میں کبھی بالمشافہ بات چیت نہ کرسکا ۔ نہ انہوں نے مجھے دیکھا نہ میں نے انہیں مگر یہ انکی عنایت اور بندہ نوازی ہے کہ انہوں نے اپنے تبصرے میں مجھے بھی اپنے دوستوں میں شمار کیا۔ اتنے بڑے اعزاز کی اہمیت کو محسوس کرکے میرا جسم کانپ جاتا ہے اور میں اللہ کے سامنے سر بسجود ہوکر اسکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
    ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نےاس بلاگ میں پیر نصیرالدین نصیر مرحوم کے بارے میں بہت ساری باتیں لکھکر اس بلاگ کو چار چاند لگادیے جس کے لیے میں انکا مشکور ہوں ۔ مجھے اس بلاگ کی پذیرارئی پر بے حد خوشی ہورہی ہے ۔
    سید مصباح حسین جیلانی صاحب نے پیر صاحب کے متعلق جو معلومات فراہم کیں وہ انتہائی قیمتی ہیں اور پڑھنےسے تعلق رکھتی ہیں : جزا ک اللہ ۔ مجھے بے حد خوشی ہوگی اور یقینی طور پر پیر صاحب مرحوم کی روح کو خوشی ہوگی اگر وہ پیر صاحب کے بارے میں اور انکی تصانیف کے بارے میں تبصرے اس بلاگ میں تحریر فرماتے رہیں۔
    سیدہ ماریہ علی کاظمی صاحبہ کا بے حد شکریہ کہ انہوں نے ہمیشہ کی طرح مجھے انتہائی خلوس سے مخاطب کیا اور میرے اس بلاگ کو بھی سراہا۔
    میں صفدر ھمدانی صاحب سے گذارش کرونگا کہ وہ پیر نصیر الدین نصیر صاحب سے ملاقاتوں کا آنکھوں دیکھا حال اس بلاگ میں شایع کرتے رہیں اس لیے کہ “ ذکرِ نصیر کم نہیں قربِ نصیر سے “۔
    مجھے پیر صاحب کی اس قدر کم عمری میں اچانک وفات پاجانے کی خبر سے جتنا غم ہوا وہ بیان سے باہر ہے۔ میں انکی کتاب “ پیمانِ شب“ میں انکے وہ اشعار بھی پڑھ رہا ہوں جس میں انہوں نےاپنی آنے والی موت کا مختلف پہلووں سے تذکرہ کیا تھا۔ ہوسکا تو میں وہ تمام اشعار اس بلاگ میں پیش کرونگا ۔

  18. ماشااللہ بھت خوبصورت بلاگ شروع ھواھے۔اس بلاگ کے زریعے سے ھماری معلومات میں بے حد اضافہ ھورھا ھے اورجس کیلیے تما م احبا ب کا بھت بھت شکریہ ۔

  19. پیر نصیرالدین نصیر رح کی اردو غزلیات کا مجموعہ “ پیمانِ شب“ فروری 2001 میں شایع ہوا ۔ اس کتاب کو پیر صاحب قبلہ رح نے “ اردو ادب کے نام “ سے منسوب کیا تھا ۔ اس نسبت سے پیر صاحب کی اردو سے انتہائی محبت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ اردو سے محبت کاتذکرہ انہوں نے اس کتا ب کے ابتدائی مضمون میں یوں کیا ہے :
    “ اساتذہ ء اردو میر تقی میر ، انیس لکھنوی ۔ مصحفی ۔ خواجہ آتش ۔حضرت امیر مینائی ، استادذوق ، غالب دہلوی نے الفاظ کو آتشِ دل سے گزار کر کلام کو پُر تاثیر نایا اور انہیں معنویت سے لبریز کردیا۔ اب ان اساتذہ کو نظر انداز کرکے کوئی شخص اربابِ شعر و سخن کی صف میں شامل نہیں ہوسکتا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بحمداللہ میں انہی اساتذہ سے اردو زبان سیکھی ہے اور ان کاسپاس گذار ہوں ، اسی باعث میرے اسلوبِ سخن میں ان اساتذہء متقدمین کے واضح اثرات موجود ہیں اور سچی بات تو یہ ہے کہ جو اسلوب ان اثرات سے عاری ہے ، وہ میے نزدیک بے معنیٰ اور بے حقیقت ہے۔ میر ی غزلیات میں اساتذہء قدیم کی روایتی علامات ، جام و سبو، پیمانہ و میخانہ اور رند و ساقی موجود ہیں ، زاہد ، واعظ اور سبحہ و زنّار کا ذکر بھی ملتا ہے ، یہ سب باتیں غزل کی دیرینہ روایت کی غمازی کرنے کی حد تک استعمال ہوئی ہیں ۔ طنز ملیح ، شکوہ طرازی اور شوخی شرارت غزل کی جان ہے ، اگر ان سے صرفِ نظر کیاجائے تو غزل حدیث۔ دلبراں نہیں رہتی ۔ علاوہ ازیں میری غزلیات میں نسبت سے متعلق اشعار بھی پائے جاتے ہیں۔ چونکہ میں ایک خانقاہ کا فرد ہوں ، اس لئے نسبتوں کا یہ سلسلہ میرے کلام میں اکثر جھلکتا رہتا ہے۔۔۔۔۔۔“
    پیر نصیرا لدین نصیر رح کی اردو زبان پر قدرت کی مثالیں “پیمانِ شب“ میں موجود ہیں ۔ مگر میں انکی قبل از وقت اچانک موت سے متعلق انکے اپنے اشعار کی روشنی میں یہ کہونگا کہ ان میں شائد اپنے قبل از وقت اس جہانِ فانی سے کوچ کرنے کا احساس پیدا ہو گیا تھا جس کا اظہار انہوں نے اس غزل میں کیا:
    کوئی اِس دشتِ وفا میں نہ چلا میرے بعد
    ذرّے ذرّے پہ مرا نقش رہا میرے بعد

    یوں نہ پھر ہوگا کوئی نغمہ سرا میرے بعد
    اور ہی ہوگی گلستاں کے ہوا میرے بعد

    اس طرح کون اسیرِ خم کاکل ہوگا
    کس کو راس آئے گی زنداں کے فضا میرے بعد

    پھر نہ پابنِد وفا ہوگا کوئی مجھ جیسا
    رکھّے رہ جائیں گے آدابِ وفا میرے بعد

    میں نے تو زہر بھرے جام محبت میں پیئے
    دہکھئے کس کو شرَف ہو یہ عطا میرے بعد

    دستِ رنگیں پہ ترے کس کا لہو چمکے گا
    رنگ لانے سے رہا ، رنگِ حنا میرے بعد
    ۔۔۔۔
    اس بلاگ میں پیر نصیرالدین نصیر رح کی رحلت پر جو ویڈیو چسپاں ہوئی ہے اسے دیکھکر پیر صاحب کی اس غزل کی اہمیت کا اندازہ ہوجا تا ہے ۔
    موت کے موضوع پر پیر نصیرالدین نصیر رح کے جو اشعار اس کتاب میں ہیں ان میں سے یہ چند اشعار پیش کرتا ہون :
    شبِ فراق نہ تم آسکے نہ موت آئی
    غموں نے گھیر لیا تھا غریب خانے کو
    ۔۔۔۔۔۔
    اب تو کہتے ہیں کہ جا ! میری نظر سے دور ہو
    تم منانے آوگے مجھ کو َ مرے مر جانے کے بعد
    ۔۔۔۔
    کردیا قتل تو میّت بھی اٹھا تے جاتے
    میری مٹّی تو ٹھکانے وہ لگاتے جاتے
    ۔۔۔
    چارہ سازو ! کیوں دوا کرتے ہو، مرجانے بھی دو
    بزم ہوجائے گی سُونی میرے اُٹھ جانے سے کیا ؟
    ۔۔۔
    یہ کس کو لوگ لیے جارہے ہیں کاندھوں پر
    کہیں یہ شخص تمہار ا وفا شناس نہ ہو
    ۔۔۔
    تجھ کو بھولے سے بھی میں بھول سکوں ، نامکن
    یہ تعلق تو رہے گا مرے مرجانے تک
    ۔۔۔
    تم تو اپنے تھے ، نہ تھی تم سے یہ امید ہمین
    کوئی مرتا ہوتو آجاتے ہیں بیگانے تک
    ۔۔
    موت برحق ہے ، مگر آخری خواہش یہ ہے
    سانس چلتی رہے میری ، ترے آجانے تک
    ۔۔
    بات کرنی ہے نکیرین سے تنہا سب کو
    ساتھ رہتے ہیں یہ احباب تو دفنانے تک
    ۔۔۔
    یہی دعا ہے کہ تم آو یا قضا آئے
    نجات پائیں محبت میں جیت ہار سے ہم
    ۔۔۔
    ہمیں اٹھانے کو آئے وہ فتنہ ء محشر
    نصیر! یوں نہ اٹھیں گے کبھی مزار سے ہم
    ۔۔۔۔
    رکھ دو جو اپنے ہاتھو ں سے میّت اتار کے
    ذرّے دعائیں دیں مری خاکِ مزار کے
    ۔۔۔۔۔۔
    تا دمِ زیست شکایت رہے آہوں سے نصیر
    موت آئی ، تو نظر آئی اثر کی صورت
    ۔۔
    ابھی چند اور اشعار ہیں جنھیں آیندہ کسی تبصرے میں پییش کرونگا ۔ فی الوقت اس تبصرے کو یہیں ختم کرتا ہوں ا س لیے کہ میرا کمپیوٹر کبھی کبھی میرے ساتھ آنکھ مچولی کھیل کر میری ساری محنت اکارت کردیا کرتا ہے ۔
    ۔

  20. پیر نصیرالدین نصیر رح کی تصنیف پیمانِ شب میں موت سے متعلق یہ اشعاربھی شامل ہیں :
    عدم کو لے کے چلا ہوں نصیر داغِ فراق
    یہ زادِ راہ بہت ہے مجھے سفر کے لیے
    ۔۔
    مر ہی جائیں جو ہم کو مرنا ہے
    کیوں اُنہیں اشتباہ میں رکھیے
    ۔۔۔
    کفن بھی ہوگا مرا پاک صاف اور نیا
    رہیں گی قبر میں خوش لباسیاں میری
    ۔۔
    چلے بھی آئیے! کل کا کچھ اعتبار نہیں
    مریضِ ہجر، سحر تک جیا جیا نہ جیا
    ۔۔۔۔۔
    میں چراغِ ناتواں ہوں، کوئی دم کا میہماں ہو
    مرے سامنے سے اٹھ کر کوئی ایک پل نہ جائے
    ۔۔۔۔
    فرقت میں تو مرنا بھی گوارا نہیں مجھ کو
    تم سامنے آجاو تو آجائے قضا بھی
    ۔۔۔۔۔
    یہ ممکن ہے ترے کوچے میں رہکر جان سے جائیں
    مگر تا مرگ تیرے در کی دربانی نہیں جاتی
    ۔۔۔۔
    ہم تو جینےکے لیے مرتے ہیں ان پر ہر دم
    جن کو جینا نہیں آتا ہے ، وہ مرجاتے ہیں
    ۔۔۔۔۔
    رند مِل مِل کے گلے روئے تھے پیمانے سے
    جب مری لاش اٹھائی گئی میخانے سے
    ۔۔۔۔۔
    اب اس کے بعد چمن جانے یا صبا جانے
    گزارنے تھے ہمیں چار دن ، گزار چلے
    ۔۔۔۔
    اور یہ دو اشعار:
    نبض ساکت ہوئی ، دم کھنچ کے لبوں پر آیا
    اب جو آو بھی تو بیمار میں کیا رکھّا ہے

    شاید آپہنچیں دمِ نزع وہ بالیں پہ مری
    ملک الموت کو باتوں میں لگا رکھا ہے
    ۔۔۔۔۔
    پیر نصیر الدین نصیر کی کتاب “ پیمانِ شب “ انکی وفات سے کئئ سال قبل شایع ہوی تھی ۔ اس کی اشاعت کے بعد چند سال تک وہ صحت و تندرستی کےساتھ اپنے علم سے دنیا کو اور خاص طور پر اردو ادب کو مالا مال کرتے رہے اور اپنی ادبی تخلیقات اور اشعار کو دنیا کے سامنے پیش کیا ۔ ان اشعار میں انہوں نے موت سے متعلق جو کچھ بھی کہا وہ انکے شیدائی ہی تحقیق کرکے ان اشعار کو اس بلاگ میں پیش کرسکتے ہیں۔
    فی الوقت میری معلومات “پیمانِ شب“ کی مشمولات کی حد تک محدود ہیں۔

  21. کمپوزنگ کی غلطی کی تصحیح:
    صحیح شعر یوں ہے :

    کفن بھی ہوگا مرا پاک صاف اور نیا
    رہیں گی قبر میں بھی خوش لباسیاں میری
    ۔۔۔۔
    اگر پڑھنے والے میر ے تبصروں میں لکھے ہوئے پیر نصیر الدین نصیر رح کے اشعار میں میری کمپوزنگ کی کوئی کوتاہی دیکھیں تو مجھے مطلع کریں تاکہ انکی بروقت تصحیح ہوسکے۔

  22. میں ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کا یہ تبصرہ جو اوپر چھپ چکا ہے ، دوبارہ یہاںپر شامل کررہا ہوں اس لیے کہ موت کے موضوع پر یہ اشعار بھی پیر نصیرالدین نصیر صاحب رح نے کہے ہیں :

    نگھت نسیم نے کہا ہے:
    October 5, 2009 بوقت 12:02 am ایڈٹ
    اک قیامت ڈھائے گا دنیا سے اٹھ جانا میرا
    یاد کرکے روئیں گے یارانِ مے خانہ مجھے

    خاک سے ہو کے ، میرا خاک میں‌ جانا مر کر
    اپنے ہی گھر میں‌ ہو جیسے میرا مہماں‌ ہونا

    جب لحد میں مجھے رکھیں تو خدارا تم (ص) بھی
    جلوہ فرما بہ سرِ گورِ غریباں ہونا

    ( پیر نصیر الدین نصیر گیلانی رح)

  23. اک قیامت ڈھائے گا دنیا سے اٹھ جانا مرا
    یاد کر کے روئیں گے، رندانِ میخانہ مجھے۔
    (نصیر الدین نصیر رح)
    اردو کلام اور پنجابی (پوٹھوہاری) خطاب کا امتزاج۔ اپنی ہی موت کے حوالہ سے خوبصور ت جملے، اور تشریح جس میں صوفیانہ تعلی اور ترنگ دونوں نظر آتے ہیں۔

  24. سیدمصباح حسین جیلانی صاحب نے پیرنصیر الدین نصیر رح کی دو ویڈیو اس بلاگ میں شامل کرکے انکے کلام کے شیدائیوں کے لیے دو نعمتیں عطا کردی ہیں۔ ہ ۔ اللہ آپ کو اس کا نیک اجر عطا کرے ۔ آمین
    غنیمت ہے کہ پیر نصیر الدین نصیر صاحب رح اس زمانے میں پیدا ہوئے جب ویڈیو کی وجہ سے ساری دنیا ان کی باتوں کو اور انکے اشعار اور تقاریر کو سن اور دیکھ سکتی ہے۔
    ان تقاریر میں پیر نصیر الدین نصیر رح نے اپنی شاعری میں معرفت الہیٰ اور عشقِ رسول صلعم اور اسکے علاوہ اپنے اسلاف سے عقیدت کے اسرار کو شراب اور میخانہ اور پیمانہ جیسی اصطلاحات سے سمجھا یا ہے۔ اس توضیح کی روشنی میں انکے اشعار کا مطلب سمجھ میں آسکتا ہے ورنہ ایک مذہبی طور طریق رکھنےوالے عالم کی شاعری میں ان اصطلاحات ، تشبیہات اور استعارات کا اصل مطلب سمجھنا مشکل ہوجاتا ۔
    اس تشریح اور توضیح کے پس منظر میں انکی یہ سیدھی سی غزل کے چند اشعار کی گہرائی محسوس کرنا آسان ہوجاتا ہے :
    فیصلہ ان کا ، ہمارا ، ہوگا
    ایک دن ہونا ہے ایساَ ، ہوگا

    ہم جہاں ٹھیریں ، جدھر سے گذریں
    وہی منزل َ وہی رستا ہوگا

    جب نقاب آپ اٹھاتے ہونگے
    نور ہی نور برستا ہوگا

    یوں تو ہونے کو حسیں اور بھی ہیں
    آپ سا کوئی مگر کیا ہوگا

    میکشوں سے نہ الجھ اے واعظ !
    بے پیے مفت میں رسوا ہوگا

    تم کو ان کی جو تمنا ہے نصیر
    چاہتے جاو ، جو ہوگا ، ہوگا
    ۔۔۔۔۔۔۔
    اور پیر نصیرا لدین نصیر کی اس غزل کے چند اشعار میں بھی یہی رنگ موجود ہے ۔ :
    جو ہے قبلہ گاہِ نگا ہ و دل ، اسی سنگِ در کی تلاش ہے
    جو ترے حضور جھکا رہے، مجھے ایسے سر کی تلاش ہے

    اسی کشمکش میں ہے زندگی ، اسی رد و کد میں ہے آدمی
    کبھی دردِ دل کی ہے آرزو، کبھی چارہ گر کی تلاش ہے

    ترے حسن سےجو طلوع ہو، ترے نور سے جو شروع ہو
    مجھے ایسی ضو کی ہے جستجو، مجھے اس سحر کی تلاش ہے

    یہ ہوائے شام و سحر کہین ہمیں اور سمت نہ لے اڑے
    تری رہگزر کی ہیں خاک ہم ، تری رہگزر کی تلاش ہے

    جو حسیں بھی پردہ نشیں بھی ہو، مری آرزو کا امیں بھی ہو
    مجھےڈھونڈنا ہے کہیں بھی ہو، مجھے اس کے در کی تلاش ہے

    جسے دیکھنے کی طلب رہی ، کبھی میری جس نے خبر نہ لی
    مرے دل کا چین تو ہے وہی، اسی بے خبر کی تلاش ہے

    کہیں اور اپنا گزر نہیں ، کہیں اور جائیں نصیر کیوں
    وہی ایک در ہے نگاہ میں ، اسی ایک در کی تلاش ہے

  25. پیر نصیر الدین نصیر کے اسی رنگ کے اشعار سے انکی کتاب “ پیمانِ شب“ بھری پڑی ہے ۔ مثال کے طور پر انکے کچھ اشعار پیش کرتا ہوں؛
    لگا دی تہمتِ بادہ کشی ا ن پر بھی واعظ نے
    نصیر ان کی نظر کو جو مئے و مینا سمجھتے ہیں
    ۔۔
    گفتگو شیشہ و ساغر کی عبث ہے ساقی !
    ہم و پیتے ہیں جو آنکھوں سے پلائی جائے
    ۔۔
    جمالِ بادہ و ساغر میں ہیں رموز بہت
    مری نگاہ سے دیکھو شراب خانے کو
    ۔۔۔
    سلسلہ ٹوٹے نہ ساقی ہوش اڑ جانے کے بعد
    مجھ کو ملتا ہی رہے پیمانہ ، پیمانے کے بعد
    ۔۔۔۔
    نہ وہ اہتمام کہن ، نہ وہ میکدے کا نظا م ہے
    نہ وہ رند ہیں ، نہ وہ ہاو ہو، نہ وہ دور ہے نہ وہ جام ہے
    ۔۔۔۔
    دیر بوتل کے اٹھانے میں لگے گی کچھ نہ کچھ
    مجھ کو اتنی ہی بہت ہے جتنی پیمانے میں ہے
    میکدے میں آنے والو ! میکدہ مت چھوڑنا
    مرنے جینے کا مزا کچھ ہے ، تو میخانے میں ہے
    پی رہا ہوں، جی رہا ہوں ، شاد ہوں ، مسرور ہوں
    زندگی ہی زندگی لبریز پیمانے میں ہے
    ۔۔۔۔۔
    رقص کے عالم میں ہو ، جیسے یہ ساراہ میکدہ
    آنکھ ساقی نے ملا رکھی ہے پیمانے سے کیا ؟
    دیکھ زاہد! بادہ ء سرجوش کے چھینٹے نہ ہوں
    تیرے دامن پر ہیں یہ تسبیح کے “دانے سے“ کیا
    مئے کشی لازم نہیں ہے بزمِ ساقی میں نصیر
    کام جاب آنکھوں سے چل جائے تو پیمانے سے کیا
    ۔۔۔۔۔۔
    جناب ِ شیخ کی در پردہ رندی کا بھی کیا کہنا
    پہنچ جاتے ہیں اکثر میکدے میں محترم پہلے
    ۔۔۔۔
    پی لیں جو کبھی شیخ تو پی پی کے پکاریں
    اے ساقی ِ میخانہ ! ذرا اور ، ذرا اور
    ۔۔۔۔
    زاہد نے چھلکتا ہوا ساغر نہیں دیکھا
    ہر موج میں پوشیدہ ہیں طوفان ہزاروں
    ۔۔۔
    آنا جانا تو ہے واعظ! مرے کاشانے تک
    ایک دن آپ چلے آو گے میخانے تک
    ۔۔۔
    مسندِ پیر مغاں دور بہت ہے مجھ سے
    ہاتھ اٹھ کر بھی پہنچتے نہیں پیمانے تک
    قدم اٹھتے نہیں ، اب ضعف کا عالم ہے نصیر
    کوئی لے جائے مجھے تھام کے میخانے تک
    ۔۔۔۔۔۔
    شرمندہ ہو نہ جائے کہیں شامِ میکدہ
    نکلیں نہ آپ اس طرح زلفیں سنوار کے
    ساقی نہ ہو نصیر ! تو ویراں ہے میکدہ
    ایسے میں کیا کریں گے یہاں دن گزار کے
    ۔۔۔۔
    ساقیِ بزم ! پلا ، دیر نہ کر
    منتیں کرتے ہیں پیاسے تیرے
    ۔۔۔۔۔
    تمھارا حسن جسے لے اڑی تھی انگڑائی
    شعاعِ مہر تھا ، موجِ شراب تھا ، کیا تھا
    تمام میکدہ سراب ہوگیا جس سے
    وہ چشم ِ یار تی ، جام شراب تھا کیا تھا
    ۔۔۔
    مئے کے چھینٹوں سے ابھی پیاس بجھے گی زاہد !
    جھوم کر ابر سرِ میکدہ چھانے تو لگے
    ۔۔۔
    تو اگر رکھے گا ساقی ہم سے پیمانے الگ
    ہم بنا لیں گے کہیں چھوٹا سا میخانہ الگ
    ۔۔۔
    مئے کشی کے ساتھ لطفِ رقص ِ پیمانہ الگ
    اور اس پر التفاتِ پیر ِ میخانہ الگ
    میکدے میں ہم ہیں، اپنے ہر نفس میں موجِ مئے
    اب نہ شیشہ ہے جدا ہم سے ، نہ پیمانہ الگ
    زاہدوں کو بادہ نوشوں سے ہو کیوں کر التفات
    پارسائی اور شئے ، اندازِ رندانہ الگ
    پی رہا ہوں ، جی رہا ہوں، شاد ہوں ، سرشار ہوں
    دل لگی مئے سے الگ ، ساقی سےیارانہ الگ
    میکدے میں اب بھی اتنی ساکھ ہے اپنی نصیر
    اک ہمارے نام کا رہتا ہے پیمانہ “ الگ“
    ۔۔۔۔
    ایسے اشعار کا سلسلہ اگلے تبصرےمییں جاری رہے گا ۔
    ،،،،

  26. قارئین ان اشعار سے اندازہ لگا چکے ہونگے کہ پیر نصیرالدین نصیر مئے ، میکدہ، ساقی، پیمانہ اور میخانہ ، ساغر اور بادہ اور محفل اور شراب اور جام جیسے استعارات اور تشبیہات سے عشق الہی اور عشقِ رسول کا اور اپنے اسلاف سے محبت کا اظہار کرتے تھے۔
    اسی طرز کے اور اشعار یہ ہیں:
    خرد اٹھا نہ سکی پھر کوئی بھی ہنگا مہ
    چڑھی وہ ٹوٹ کے بوئے شرابِ نابِ جنوں
    ۔۔۔
    تیرے صدقے اب نہیں ساقی مجھے کوئی گلہ
    مجھ کو مل جاتی ہے مئے، پینے کو روزانہ الگ
    ۔۔۔۔۔۔
    ترے بغیر کبھی مئے کا نام تک نہ لیا
    ہزار جام ملے، سامنے سبو بھی رہے
    ۔۔۔
    نظر میں بھی نہیں اب گھومتا پیمانہ برسوں سے
    قسم کھانے کو بھی دیکھا نہیں میخانہ برسوں سے
    ۔۔۔۔
    پلائے گا ساقی تو پینی پڑے گی
    کسی دن روا ، ناروا کہتے کہتے
    ۔۔۔
    سرِ میخانہ کوئی پارسا اب تک نہیں آیا
    ہمیں پینے پلانے کا مزا اب تک نہیں آیا
    ۔۔۔
    نہ وہ محفل ، نہ وہ ساقی، نہ وہ ساغر، نہ وہ بادہ
    ہماری زندگی اب رہ گئی ہے بے مزا ہوکر
    ۔۔۔۔
    مئے یقیناً حرام ہے ، زاہد !
    گھونٹ دو گھونٹ پی ، دوا کی طرح
    ۔۔۔
    پیالہ ہاتھ میں لینا ہی میگساری ہے
    بلا سےگھونٹ جو ہم نے پیا پیا نہ پیا
    ۔۔۔۔
    ملی تو دیدہ ء ساقی سے، تشنگی تو مِٹی
    بہت نہیں ہے تو کم بھی اِ سے نہیں کہتے
    ۔۔۔
    اے ساقیِ میخانہ ! عنایت کی نظر ہو
    تھوڑی سی ملے مجھ کو بھی، شیشے میں اگر ہے
    ۔۔۔۔
    بادہ ء ناب کا کیا ہے وہ تو پی ہی لیں گے
    مہرباں پہلے مگر پیرِ خرابات تو ہو
    ۔۔۔۔۔
    پی تو لیتے ہیں حضرتِ وا عظ
    لیکن ایسے، کہ زہر ہو جیسے
    ۔۔۔
    یوں تبسم ہے ان کے ہونٹوں پر
    مئے کی، ساغر میں لہر ہو جیسے
    ۔۔۔۔
    میکشوں سے نہ الجھ اے واعظ !
    بے پیے مفت میں رسوا ہوگا
    ۔۔۔۔
    شرابِ ارغوانی چاہتا ہوں
    مگر وہ بھی پرانی چاہتا ہوں
    ۔۔۔
    آج ساقی پلا شیخ کوبھی
    اک یہی محترم رہ گئے ہیں
    ۔۔۔۔
    ساقیِ ء کوثر و تسنیم سے نسبت ہے نصیر
    کیوں نہ دنیا مِرے میخانے کے چکّر کانٹے
    ۔۔۔۔
    ٹوٹتا ہے نشّہ ، اے پیرِ مغا ں ! اک جام دے
    پھر نہ یہ کہنا کہ تَلپٹ کر گئے میخانہ ہم
    کل نصیر ایک جام کاملناہمیں دشوار تھا
    آج آنکھوں میں لیے بیٹھے ہیں اک میخانہ ہم
    ۔۔۔
    پھر آپ جام لیے آرہے ہیں میری طرف
    جنابِ شیخ ! ابھی تو پلا کے بیٹھا ہوں
    ۔۔
    نہیں تھے وہ ، تو میخانہ تھا سُونا، جام ویراں تھے
    وہ آ پہنچے تو پھر پینے پلانے کا مزا آیا
    ۔۔۔
    یہ کہ کہ کر پلا دی مجھ کو میخانے میں ساقی نے
    ارے اب پی بھی لے، ایسا کہاں کا پارسا آیا
    ۔۔۔۔۔
    سب پہ احسان ہے ساقی ترے میخانے کا
    نشّہ ہر رند کو ہے ایک ہی پیمانے کا
    ۔۔
    تابشِ حسن سے یہ رنگ ہے میخانے کا
    دل دھڑکتا ہے چھلکتے ہوئے پیمانے کا
    ۔۔
    چشمِ ساقی ہے اُدھر اور مرا دل ہے اِدھر
    آج ٹکراو ہے پیمانے سے پیمانے کا
    ۔۔
    واعظ ِ شہر نے کیوں بیعتِ ساقی کرلی
    اُش نے تو عہد کیا تھا مجھے بہکانے کا
    ۔۔۔
    زاہد و رند میں ایسی کوئی دوری تو نہیں
    فاصلہ ہے، تو چھلکتے ہوئے پیمانے کا
    ۔۔۔
    شیخ صاحب کبھی اپنوں کی طرح آکے پییں
    مرتبہ غیر پہ کھلتا نہیں میخانے کا
    ۔۔
    پیرِ میخانہ ! تری ایک نظر کافی ہے
    میں طلب گار نہ شیشے کا نہ پیمانے کا
    ۔۔۔
    ایک دو جام سے کیا پیاس بجھے گی ساقی !
    سلسلہ ٹوٹ نہ جائے کہیں پیمانے کا
    ۔۔
    وہ بہار آئی نصیر اور وہ اٹھے بادل
    بات ساغر کی چلے ، ذکر ہو میخانے کا
    ۔۔۔۔
    پیر نصیرا لدین نصیر رح کی تصنیف پیمانِ شب میں ا سی رنگ کے اور بھی اشعار موجود ہیں جنھیں میں آئیندہ کے تبصروں میں پیش کرونگا ( انشا اللہ )۔
    ایک بات ضرور ہے کہ پیر صاحب کی قادر الکلامی لاجواب ہے ۔ اس کتاب کی ہر ایک غزل ایک کتاب کی طرح ہے جسے پڑھکر دل و دماغ روشن ہوجاتے ہیں ۔ کاش کہ یہ تصنیف اردو میں ایم اے کرنے والوں کی نصاب کالازمی حصہ بن جائے۔
    شاعری کرنے کا کا ذوق رکھنے والے ضرور اس کتاب کی غزلوں سے ردیف و قافیہ کے استعمال کا انداز سیکھ سکینگے ۔ اس میں نئے نئے قسم کی ردیفیں موجود ہیں اور نئے نئے قافیے بھی۔ شائد ایک زمانہ آئے گا جب دیوانِ غالب و دیوانِ میر کی طرح اردو شاعری کے شیدائی پیمانِ شب کو بھی پڑھتے رہینگے۔

  27. تصحیح: اس نے تو عہد کیا تھا مجھےبہکانے کا : پڑھیے : شکریہ

  28. پیر نصیرا لدین نصیر کی تصنیف پیمانِ شب میں انکے خاص رنگ کے اشعار کا انتخاب جاری ہے:
    جنابِ شیخ نے پیمانہ رد کرنا نہیں سیکھا
    ہزاروں بار یہ توبہ سے استغفار تک پہنچے
    ۔۔۔
    جو تیری چشمِ تغافل میں پائی جاتی ہے
    خدا گواہ! وہ تلخی مئے کہن میں نہیں
    ۔۔
    دیر سے ترسے ہوئے ہیں ایک پیمانے کو ہم
    کیا عجب اک گھونٹ میں پی جائیں میخانے کو ہم
    ۔۔۔۔
    عہد پختہ کیا رندوں نے یہ پیمانے سے
    خاک ہوجائیں گے، نکلیں گے جو میخانے سے
    ۔۔۔
    میرے ساقی ! ہو عطا مجھ کوبھی پیمانے سے
    فیض پاتا ہے زمانہ ترے میخانے سے
    رند مِل مِل کے گلے روئے تھے پیمانے سے
    جب مری لاش اٹھائی گئے میخانے سے
    ہم تو کیا پیتے پلاتے سرِ میخانہ ، مگر
    دل لگی ہوتی رہی پھول سے ، پیمانے سے
    واعظِ شہر کی توبہ نہ کہیں ٹوٹی ہو
    آج ہو حق کی صدا آتی ہے میخانے سے
    رِند کے ظرف پہ ساقی کی نظر رہتی ہے
    اِسے چلّو سے پلادی ، اُ سے پیمانے سے
    ۔۔۔۔۔۔
    آکے چل دیتے ہیں، مسچد میں یہ کم رُکتے ہیں
    میکدے ہی میں بس اب شیخِ حرم رکتے ہیں
    ۔۔۔
    شریکِ بزم تھا واعظ تو سامانِ ضیافت میں
    ذرا سی ہنس کے ساقی نے بہ طورِ امتحان “ رکھ دی “
    ۔۔۔
    چشمِ ساقی کا فیض ہے سب کچھ
    جام و ساغر کا دَور کچھ بھی نہیں
    ۔۔۔۔
    گیا ساقی الٹ کر جام و ساغر
    گراں رندوں پہ میخانے کے دن ہیں
    ۔۔۔
    ہر ایک ساغرِ مئے کا حسا ب ہے اے شییخ!
    شراب ے کوئی ڈوبی ہوئی رقم تو نہیں
    ۔۔۔
    اُڑا دیے میرے ہوش وحواس ساقی نے
    نظر شراب نہیں تھی ، شراب خانا تھا
    ۔۔۔
    چشمِ ساقی نے پلائی تو کہیں بات بنی
    کام مئے کش کا نہ شیشے سے َ نہ ساغر سے چلا
    ۔۔۔
    جب بھی ساقی نے مجھے پوچھ لیا ہنس کے نصیر
    چوم کر جام وہیں میں نے کہا اور بھی کچھ
    ۔۔۔
    شیخ صاحب! کہا چلے ، ٹھیرو
    اپنا ساغر کھنگا لتے جا و
    ۔۔۔۔
    میکدے میں جو چلے آئے تو رندی ہی سہی
    شیخ جی ! اب یہ خرافات گوارا ہی کریں
    ۔۔۔
    رات میخانے سے پی کر ہی ٹلا واعظِ شہر
    جام جب تک نہ ملا اس کو ، مٹکتا ہی رہا
    ۔۔۔
    شیشہ و جام کی ضرورت کیا
    تم پلاو ار نگاہوں سے
    ۔۔۔
    تیرے اندازِ نظر دیکنے آجا تا ہوں
    ورنہ میرے لیے میخانے میں کیا رکھا ہے
    ۔۔
    کیا نصیر آنکھ اٹھے ساغر و مینا کی طرف
    ان کی آنکھوں نے مجھے مست بنا رکھا ہے
    ۔۔
    یہ تھے وہ چند اشعار جنھیں پیر نصیر الدین نصیر صاحب رح نے اپنی تصنیف پیمانِ شب میں شامل کیا ۔
    اسی کتاب کے آخری صفحات میں ایک صفح پر فارسی کےہر دلعزیز شاعر حضرت بیدل رح کا یہ شعر اردو ترجمہ کے ساتھ موجود ہے:
    در زندگی مطالعہ ء دل غنیمت است
    خواہی ، بخوان و خواۃ مخواں، ما نوشتہ ایم
    منظوم اردوترجمہ از پیر نصیر الدین نصیر:
    حیات میں ہے غنیمت مطالعہ دل کا
    کوئی پڑھے نہ پڑھے، ہم نے داستاں لکھ دی

  29. اب میں پیر نصیر الدین نصیر رح کی ایک سادہ سی مگر دل اور دماغ پر اثر کرنے والی غزل کے چند اشعار یہاں پیش کرتا ہوں:
    ہنس دئیے چمن میں گُل ، کس لئے خدا جانے
    کیا کہا بہاروں نے، بات یہ صبا جانے

    وہ ہمیں الگ سمجھے ، وہ ہمیں جدا جانے
    ہم جنہیں زمانے میں، اپنا آشنا جانے

    اک چُھپی شئے کی، اصل کوئی کیا جانے
    دردِ دل کا قصہ ہے، کون دوسرا جانے

    ہم تو آپ پر صدقے، آپ ہم سے بیگانہ
    ابتدا میں یہ عالم ، انتہا خدا جانے

    میں تو ہوش کھو بیٹھا، دیکھ کر دمِ زینت
    آئینے پہ کیا گزری، اس کو آئینا جانے

    ہم نے ان سے جب پوچھا ، کیا ہوا ہمارا دل
    ہنس کے چپ رہے پہلے، پھرکہا، خدا جانے

    تیرے در کے ٹکڑوں نے ، جس گدا کو پالا ہو
    وہ کسی کو کیا سمجھے، وہ کسی کو کیا جانے

    آپ کیوں ہوئے مضطر ، آپ کیوں پریشاں ہیں
    ہم پہ جو گزرتی ہے ، آپ کی بلا جانے

    خلق کی نگاہوں میں ، میں برا سہی لیکن
    آپ کیوں برا سمجھے ، آپ کیوں برا جانے

    یہ شرف نصیر اس کی بارگہ میں کیا کم ہے
    وہ تری دعا سن لے ، تیرا مدعا جانے
    ۔۔۔

    خدا مغفرت کرے پیر نصیرالدین نصیر صاحب اردو کے ایک عظیم شاعر تھے ۔ اردو شاعری اس شاعر سے قبل از وقت ہمیشہ کے لیے محروم ہوگئی ۔اس سانحہ پر دنیاے اردو جتنا غم کرے وہ کم ہے ۔

  30. رئیس امروہوی مرحوم نے پیر نصیرا لدین نصیر کی کتاب “ پیمانِ شب“ میں اپنی تقریظ میں یہ لکھا :
    صاحبزادہ نصیر الدین نصیر کی جو قلبی کیفیت ہوتی ہے اس کے پیش نظر بلکہ اسی کے زیر اثر وہ غزل کہتے ہیں۔ نہ انکی زبان میں کوئی الجھاو ہے نہ طرز ادا میں کوئی پیچیدگی“
    رئیس امروہوی نے یہ بھی لکھا کہ :
    “ کلامِ نصیر کی خوبی یہ ہے کہ وہ بلیغ ہے ، تہ دار ہے اور واضح ہے۔ وہ صفائی سے محسوس کرتے ہیں ، اسی دلربائی سے بیا ن کی قدرت بھی رکھتے ہیں۔“
    “ چھوٹی بحروں میں غزل کی نشتر آفرینی، عجب سماں َ عجب لطف اور عجب عالم پیدا کردیتی ہے“
    نصیرالدین نصیر رح کی غزل میں سہلِ ممتنع کے متعلق رئیس امروہوی نے یہ لکھا کہ:
    “ دیکھا جائے تو بہت آسان اور سادہ شعر معلوم ہو ، اور کہنا پڑے تو آدمی بھونچکا رہ جائے۔ اس شعر میں الفاظ کی ترتیب وہی ہے جو نثر کے کسی فقرے کی ہوتی ہے۔ یہ زبان پر غیر معمولی قدرت کا ثبوت ہے “
    ۔۔۔۔۔۔
    پیمانِ شب میں ڈاکٹر سید عبداللہ نے پیر نصیرالدین نصیر کے غزلوں میں ردیفوں کے تنوع کے متعق کہ یہ لکھا
    “ نصیر گولڑوی کی غزلیات میں بھی ردیفوں کی شان پائی جاتی ہے۔ خصوصاً لمبی ردیفوں میں نسبتاً بیان اور موسیقی دونوں برنگِ خاص نمایا ں ہیں“
    “ غزل کی شاعری میں حسن آفرینی اور معنیٰ آفرینی کا ایک وسیلہ ردیف کا انداز ہے ۔ اس سے قدرتِ زبان کابھی اظہار ہوتا ہے ۔ شعر میں بات بھی پید ا ہوتی ہے اور آواز و آہنگ کی لطافتیں بھی نمودار ہوتی ہیں۔ قدیم اساتذہ اس تکنیک میں خاص کمال حاصل کرنے کی کوشش کیا کرتے تھے“ ۔
    ۔۔۔
    اس سلسلہ میں انکے غزلوں میں لمبی ردیفوں کی مثالیں پیش کرتا ہوں :
    سمجھتے ہیں،
    الگ بیٹھا ہوں
    پھر بھی
    اچھے لگے
    تھا کیا تھا
    کے ٹکڑے
    اسے نہیں کہتے
    بھی آتی ہے
    کے رستے میں
    جانا پڑا
    رہ گئے ہیں
    نہیں جاتی
    کس لیے ہے
    لگنے لگا
    جاتے ہیں
    ہوئی تھی
    اٹھتے بیٹھتے
    میرے بعد
    نظر آئے
    کے بیٹھے ہیں
    پھولوں کا
    معلوم ہوتا ہے
    مانگ رہے ہیں
    نہیں رکتی
    ہو جائے گا
    سے کھنچی ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔
    آئیندہ پیر نصیرالدین نصیر کی چھوٹی اور لمبی ردیفوں کی غزلیات کی مثال پیش کرنے کی کوشش کرونگا۔

  31. اس سے پہلے کہ میں پیر نصیر الدین نصیر صاحب کی چھوٹی اور لمبی ردیفوں میں لکھی ہوئی غزلوں کی مثالیں پیش کروں ، میں ان صاحب کی وہ غزل پیش کرتا ہوں جو ہر لحاظ سے دل میں اترنے والی غزل ہے :
    وفا ہوکر ، جفا ہوکر ، حیا ہوکر ، ادا ہوکر
    سمائے وہ مرے دل میں نہیں معلوم کیا ہوکر

    مرا کہنا یہی ہے، تو نہ رخصت ہو خفا ہوکر
    اب آگے تیری مرضی ، جو بھی تیرا مدعا ہو ، کر

    نہ وہ محفل ، نہ وہ ساقی ، نہ وہ ساغر ، نہ وہ بادہ
    ہماری زندگی اب رہ گئی ہے بے مزا ہوکر

    معاذ اللہ ! یہ عالم بتوں کی خود نمائی کا
    کہ جیسے چھا ہی جائیں گے خدائی پر ، خدا ہوکر

    بہر صورت وہ دل والوں سے دل کو چھین لیتے ہیں
    مچل کر، مسکرا کر ، روٹھ کر ، تن کر ، خفا ہوکر

    نہ چھوڑو ساتھ میرا ہجر کی شب ڈوبتے تارو !
    نہ پھیرو مجھ سےیوں آنکھیں ، مرے غم آشنا ہوکر

    مرے دل نے حسینوں سے مزے لوٹے محبت کے
    کبھی اِ س پر فدا ہوکر ، کبھی اُس پر فدا ہوکر

    جہاں سے وہ ہمیں ہلکی سی اک آواز دیتے ہیں
    وہا ں ہم جا پہنچتے ہیں محبت میں ہوا ہوکر

    سنبھالیں اپنے دل کو ہم کہ روئیں اپنی قسمت کو
    چلے ہیں اے نصیرِ زار ! وہ ہم سے خفا ہوکر

  32. اب میں پیر نصیرالدین نصیر رح کی چھوٹی ردیف میں لکھے ہوئے اشعا ر کی مثالیں پیش کرتا ہوں۔
    مطمئن کب حیات ہوتی ہے
    دن گزرتا ہے ، رات ہوتی ہے
    دیکھئے، کس پہ ہو نگاہِ کرم
    یہ مقدر کی بات ہوتی ہے
    ۔۔۔۔۔
    بحثیں ، نہ گواہ چاہتا ہوں
    مجرم ہوں، پناہ چاہتا ہوں
    اوروں کے کرم مجھے گوارا
    اپنوں سے پناہ چاہتا ہوں
    ۔۔۔
    مجھ کو سنبھالیں آپ خدا را
    چاہے سمجھ لیں مجھ کو بُرا ہی
    میں ہوں نصیر اب ان کا گدا گر
    بیٹھے بٹھائے مل گئی شاہی
    ۔۔
    دل لے کے بدل گئے نگاہیں
    یہ مفت کا مال تو نہیں ہے
    کیوں کرتے ہو خون آرزو کا
    تم پر یہ حلال تو نہیں ہے
    دیکھو تو نصیر دل کی جانب
    گدڑی میں یہ لال تو نہیں ہے
    ۔۔۔۔
    عشق برحق

  33. عشق برحق ، وفا حقیقت ہے
    تم فسانے تلاش کرتے ہو
    یہ قفس ہے ، چمن نہیں یارو!
    آشیانے تلاش کرتے ہو
    مست آنکھوں سے کیوں نہیں پیتے
    بادہ خانے تلاش کرتے ہو
    صاف کہ دو اگر نہیں ملنا
    کیوں بہانے تلاش کرتے ہو
    ۔۔۔`
    مجھ کو محفل میں بلاتا ہی نہیں
    تو مجھے بھول گیا ہو جیسے
    میرا دل ، اور مجھی سے بیزار
    ان کے پہلو میں رہا ہو جیسے
    ۔۔۔
    ہم کسی کا گلہ نہیں کرتے
    نہ ملیں، جو ملا نہیں کرتے
    ان سے بس اک نصیر شکوہ ہے
    ہم سے وہ کیوں ملا نہیں کرتے
    ۔۔۔۔
    بات بنتی ہے کرم سے تیرے
    کام چلتا ہے عطا سے تیری
    ہم نے لٹتےہوئے گھر دیکھے ہیں
    ایک سادہ سی ادا سے تیری
    حوصلہ ہے ابھی غم سہنے کا
    ابھی زندہ ہیں دعا سے تیری
    پھر سہی ، حشر کے دن کرلیں گے
    بات کرنی ہے خدا سے تیری
    ۔۔۔۔
    الفت ہے اگر گناہ ، لوگو !
    میں بھی یہ گناہ کررہا ہوں
    احباب مرے برا نہ مانیں
    میں خود سے کلام کررہا ہوں
    ۔۔۔
    کیا پشیماں ہیں ستم پر اپنے
    آپ کیوں چپ ہیں، بتائیں تو سہی
    لطف آجائے گا اے واعظِ شہر !
    آپ میخانے میں جائیں تو سہی
    ۔۔۔۔۔
    وہ غرورِ جمال میں گم ہیں
    مدعی ، عرضِ مدعا می ہے
    اک جھلک اس کی ابتدا میں ہے
    آزمائش جو انتہا میں ہے
    قصے اوروں کے سن رہا ہے کوئی
    داستاں میری التوا میں ہے
    ۔۔۔۔۔
    حسن کی بارگاہ میں رکھئیے
    دل کو ان کی نگا ہ میں رکھئیے
    جو ہمیشہ رہیں شریک ِ سفر
    ساتھ ایسوں کو راہ میں رکھئیے
    جو خدا کی پناہ میں ہیں نصیر
    خود و ان کی پناہ میں رکھئیے
    ۔۔۔
    ہم نے پوچھا تو ہنس کے فرمایا
    آپ کو کیا ہمارے نام سے کام
    بات کرنے پہ وہ بگڑتا تھا
    بن گیا نامہ و پیام سے کام
    جاگ اٹھی نصیر کی قسمت
    آپ کو، اور اس غلام سے کام ؟
    ۔۔
    چھوٹی ردیف اور چھوٹی بحرکی غزلوں کے چند اور اشعار لکھکر میں پیر نصیرا لدین نصیر کی لمبی ردیفوں کے اشعار کی مثالیں پیش کرونگا ۔

  34. پیر نصیر الدین نصیر رح کی چھوٹی بحر اور مختصر ریفوں کے اشعار کی مزید مثالیں :
    یہ کیا کہ گئے مجھ کو کیا کہتے کہتے
    بھلا کہ گئے وہ برا کہتے کہتے
    اٹھاتھا میں کچھ ان سے کہنے کو ، لیکن
    زباں رک گئی بارہا “ کہتے کہتے “
    نگاہیں جھکیں، لب ہلے ، مسکرائے
    وہ چپ ہوگئے جانے کیا کہتے کہتے
    ادھوری رہی داستانِ محبت
    جہاں سے کوئی اٹھ گیا “ کہتے کہتے “
    نصیر ایسے اشعار ان کو سناو
    وہ شرمائیں بھی مرحبا کہتے کہتے
    ۔۔۔۔۔۔۔
    پہچان سکا نہ وہ ہمیں بھی
    اس نے تو کمال کردیا ہے
    کس کس کوسناوں حال غم کا
    ہر شخص نصیر ! پوچھتا ہے
    ۔۔۔۔
    ادا ہو یا کہ حیا ، بے رخی ہو یا کہ جفا
    انہیں ہے ناز ، کہ سب ہیں یہ داسیاں میری
    ۔۔۔۔۔
    حالِ غم کہ رہا ہوں رک رک کر
    دل دھڑکتا ہے ایک دم کہتے
    کبھی ملتے ، تو اپنااپنا غم
    ہم سے وہ ، اور ان سے ہم کہتے
    ۔۔۔۔
    اتنا آساں نہیں کسی پہ کرم
    آپ شرمائیں گے، اگر نہ ہوا
    ۔۔
    تھا زمانے میں کرم کا شہرہ
    آپ تو قہر سراپا نکلے
    ہم سمجھتے تھے جنھیں ماہ و نجوم
    آپ کے نقشِ کف پا نکلے
    ۔۔۔۔۔
    ملنے جلنےسے انحراف کیا
    اس نے انکار ، صاف صاف کیا
    دل تمھاری طرف سے صاف کیا
    جاو ہم نے تمہیں معاف کیا
    آج ہم نے نصیر مستی میں
    کوچہ ء یار کو طواف کیا
    ۔۔۔
    دار کی راہ نہ گزرا کوئی
    ایک ہم تھے جو ادھر سے گزرے
    آپ کی بزم میں آکر لاکھوں
    جان سے ، دل سے ، جگر سے گزرے
    روک اشکوں کا یہ سیلاب نصیر
    اس سے پہلے کہ یہ سر سے گزرے
    ۔۔۔۔۔
    پی تولیتے ہیں حضرت۔ واعظ
    لیکن ایسے ، کہ زہر ہو جیسے
    دل کی بربادیوں کا حال نہ پوچھ
    کوئی ویران شہر ہو جیسے
    منہ بناتے ہیں اس طرح وہ نصیر
    میر ی ہربات زہر ہو جیسے
    ۔۔
    جب نقاب آپ اٹھاتے ہونگے
    نور ہی نور برستا ہوگا
    یوں تو ہونے کو حسیں اور بھی ہیں
    آپ سا کوئی مگر کیا ہوگا
    تم کو ان کی جو تمنا ہے نصیر
    چاہتے جاو، جو ہوگا ، ہوگا
    ۔۔۔۔۔۔۔
    یہ زخمِ دل تو بھر جائے گا اک دن
    کوئی ان مِٹ نشانی چاہتا ہوں
    نصیر ! الفاظ بے معنیٰ رہے سب
    اب اشکوں کی روانی چاہتا ہوں
    ۔۔
    کیجیے ! جو ستم رہ گئے ہیں
    جان دینے کو ہم رہ گئے ہیں
    ہم سے اللہ والے کہاں اب
    آپ جیسے صنم رہ گئے ہیں
    ان کی ستاریا ں کچھ نہ پوچھو
    عاصیوں کے بھرم رہ گئے ہیں
    ۔۔۔۔
    بت کدہ ہو کہ اوجِ کعبہ ہو
    سر جھکانا تو ہے کہیں نہ کہیں
    ہر طرف اس کو ڈھنڈنے والے !
    وہ چھپا ہو ترے قریں نہ کہیں
    ۔۔۔۔
    شوق سے اس کی گلی میں جاو تو
    حضرتِ دل ! ہوگیا پتھراو “ تو “
    دو گھڑی کی بات ہے ، تکرار کیا
    دو گھڑی کو تم مرے گھر آو تو
    میری قسمت کے نکل جائیں گے بل
    اپنی زلفوں کو ذرا سلجھاو تو
    ۔۔۔
    یوں کِھلا ہے نصیر داغِ جگر
    جیسے ہو تاجدار پھولوں کا
    ۔۔
    جو خبر ہو نصیر اس طرف کی
    وہ خبر معتبر چاہتا ہوں
    ۔۔۔۔۔
    نصیر ان کا غم محترم ہے مجھے
    یہ سودا ہے بس میرے سر کے لئے
    ۔۔۔۔۔
    حق گو ہے اگر ، ثبوت بھی دے
    جا! دار پہ سر فراز ہوجا
    نین ان سے ملا کے دیکھ اے دل !
    کونین سے بے نیاز ہوجا
    ۔۔
    ہو ملا قات کیا نصیر ان سے
    پاس کوئی پھٹک نہیں سکتا
    ۔۔۔۔
    ہوگئیں خاک حسرتیں دل کی
    اے نصیراب ہے اس مکان میں کیا
    ۔۔۔
    اعتبار آدمی کا
    اپنے اعتبار تک ہے
    کس پہ ، کس لیے ، پڑے کب
    یہ خدا کی مار تک ہے
    اے نصیر ! ڈور اپنی
    آستانِ یار تک ہے
    ۔۔۔
    یاد فن کے اساتذہ کی نصیر
    تیرے طرزِ بیا ں سے آتی ہے
    ۔۔
    میں سوالی ہوں اے نصیر انکا
    کام کیا مجھ کو بادشاہوں سے
    ۔۔۔
    یوں ہی کہتے نہیں ان کو رشکِ قمر
    سر بہ سر نور ہیں ، سر بہ سر چاندنی
    ۔۔
    یہ چند مثالیں چھوٹی بحر اور مختصر ردیف پر اشعار کی جنھیں پیر نصیرالدین نصیر نےاپنی کتاب پیمانِ شب میں شامل کیا۔ یہ کتاب 2001 میں شایع ہوی تھی ۔یقینی طور پر پیر نصیر صاحب نے بہت سارے اشعار اس کتا ب کے اشاعت کے بعد سات سال تک (اپنی قبل از وقت وفات تک ) کہے ہونگے جو ضرور کسی اور کتاب میں شامل ہوگئے ہونگے۔
    فی الوقت میرےسامنے صرف پیمانِ شب موجود ہے جس سے میں مستفید ہورہا ہوں اور پیر نصیر الدین نصیر کی شاعری کا لطف لے رہا ہوں ۔ اللہ انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے ۔ آمین

  35. قاضی صاحب ماشاء اللہ۔ آپ بہت خوبصورتی سے عمدہ اشعار کا اک گلدستہ یکے بعد دیگرے پیش کئے جا رہے ہیں۔ میرے خیال سے پیر نصیر الدین نصیر مرحوم کے کلام کے حوالہ سے اچھوتا بلاگ ہے اور تحریری شکل میں شاید نیٹ پر اس کے علاوہ انکا اتنا کلام موجود نہ ہو۔ اگر آپ اسی دل جمعی سے یہ کام کرتے رہیں تو یقینا یہ بلاگ انٹر کی دنیا میں نصیر شاہ صاحب مرحوم کے کلام کا ایک خوبصورت خزانہ بن کر موجود رہے گا۔
    اگر اہل ادب دوست اس حوالہ سے اس شاعری کے محاسن و رموز پر کچھ کہ دیں تو یہ بلاگ آئیندہ کے لئے بطور سند (حوالہ) بن کر موجود رہے گا اور شائقین و محققین اس سے مستقبل میں بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ہمدانی صاحب کا تبصرہ بھی اس ضمن میں ان لوگوں کے لئے ایک معلومات کا زینہ بن سکتا ہے جو ان کی شخصیت پر تحقیق کرنا چاہیں۔ بلکہ اس حوالہ سے چونکہ ہمدانی صاحب کی ملاقات بھی نصیر الدین نصیر مرحوم سے رہی ہے، اس لئے وہ اور بھی بہت کچھ کہ سکتے ہیں، تاکہ یہ بلاگ اس حوالہ سے ایک جامع معلومات کا ذخیرہ بن سکے۔ اس ضمن میں ڈاکٹر صاحبہ کے مرحمت کردہ اقتباسات بھی نہایت اہم ہیں۔ میرے خیال سے اس طرف بھی توجہ دیں۔ کیا خیال ہے آپ کا۔

    نا چیز

  36. سید مصباح حسین جیلانی صاحب سے ایک گذارش ہے کہ وہ اپنے تبصروں کے اختتام پر اپنے آپ کو “ ناچیز “ نہ کہا کریں اس لیے کہ انکا علم بہت وسیع و عمیق ہے اور وہ ہر لحاظ سے ایک بلند مقام رکھتے ہیں ۔
    انہوں نے میرے اس بلاگ کی ہمت افزائی کی اس کے لیے میں انکا شکر یہ اد ا کرتا ہوں ۔ میں تو صرف اپنی ایک عقیدت اور پیر نصیر صاحب کے علم سے دلی لگاو کے باعث یہ بلاگ شروع کیا تھا مگر ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ اور جناب صفدر ھمدانی صاحب اور خود سید مصباح حسین جیلانی صاحب کی اس بلاگ میں مشمولات نے اس کو چار چاند لگادیا ۔
    میں صوفیانہ مسئلوں سے پوری طرح واقف نہ ہونے کی وجہ سے صرف پیر نصیر صاحب کی شاعری کی حد تک ہی کچھ کہکر خاموش بیٹھ جانے کو کوشش کرتا مگر آپ سب دانشوروں نے اس میں پیر نصیر الدین نصیر رح کے نعتیہ اور سلام جیسے موضوعات کے ویڈیو اس بلاگ میں لگا کر اسکی اہمیت اور افادیت کو ہزاردرجہ بلند کردیا۔ جس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
    یقینی طور پر پیر نصیرالدین نصیر صاحب کی شاعری اور انکی روحانی شخصیت کے شیدائی اس بلاگ کو ایک انتہائی قیمتی خزانہ سمجھکراپنے پاس محفوظ رکھینگے اور گاہے گاہے اسے پڑھکر اس سے لطف اندوز ہوتے رہینگے ۔
    میں مصباح حسین جیلانی صاحب اس مشورہ سے اتفا ق کرتا ہوں کہ :
    “ اگر اہل ادب دوست اس حوالہ سے اس شاعری کے محاسن و رموز پر کچھ کہ دیں تو یہ بلاگ آئیندہ کے لئے بطور سند (حوالہ) بن کر موجود
    رہے گا “
    فقط:
    علم کا خواہاں
    منظور قاضی از جرمنی

  37. پیر نصیر الدین نصیر کی ایک لمبی ردیف میں یہ مرصع غزل جو مجھے بے حد پسند ہے ( یہ غزل بھی انکی تصنیف پیمانِ شب میں موجود ہے ) :
    نہ وہ اہتام ِ مئے کہن ، نہ وہ میکدے کا نظام ہے
    نہ وہ رند ہیں ، نہ وہ ہاو ہوَ نہ وہ دور ہے ، نہ وہ جام ہے

    وہ ہے خوش نصیب جسے ملے ، مئے معرفت کا یہ جام ہے
    جو وہ خود پلائیں حلال ہے ، نہ پلائیں وہ ، تو حرام ہے

    زرا دیکھ اپنے مریض کو کہ ہر اس کی سانس میں آج بھی
    ترے انتظار کی ہے کسک، تری یاد ہے ، ترا نام ہے

    کہوں کس سے قصہ ء شوق میں، نہ وہ ہمنوا ، نہ وہ ہم زباں
    نہ وہ ہمسفر ، نہ وہ کارواں، نہ وہ صبح ہے نہ وہ شام ہے

    چلی ایسی بادِ خزاں اثر ، کہ ہوں دامِ غم میں شکستہ پر
    نہ بتوں کی دل میں ہے آرزو، نہ وہ شوقِ جلوہ ء بام ہے

    وہ نیاز و ناز کی محفلیں، نہ وہ چاند ہے نہ و ہ چاندنی
    نہ وہ رات ہے ، نہ وہ بات ہے ، نہ و ہ حسنِ ماہ تمام ہے

    نہ فراقِ یار کے مشغلے ، نہ وہ بزمِ شوق کے ولولے
    نہ وہ سوزِ سینہ گداز ہے ، نہ وہ آہِ برق خرام ہے

    یہ عجیب دور ہے رونما کی ادب کا پاس نہیں رہا
    نہ وہ اہل ِ درد کی حرمتیں ، نہ وہ احترام ِ مقام ہے

    کہوں میں بھلا ، وہ براکہیں، کہوں میں وفا ، وہ جفا کریں
    انہیں اپنے کام سے ہے غرض، مجھے اپنے کام سے کام ہے

    وہ ہزار کوئی جتن کرے ، ترے دسترس سنے نہ بچ سکے
    تری زلف حلقہ بدوش ہے ، تری آنکھ بادہ بہ جام ہے

    ترے سنگِ در پہ جو ہو ادا ، وہی ایک سجدہ ہے کام کا
    یہی اک نماز ہے عشق کی جو بغیر شرطِ امام ہے

    میں نصیر فقر سرشت ہوں ، کہ مرید ِ ساقی ِ چشت ہوں
    مجھے بادشاہوں سے کام کیا، انہیں دور ہی سے سلام ہے

  38. اب میں پیر نصیرا لدین نصیر رح کی ایک غزل جس کی دلچسپ مگر لمبی ردیف “ کرنی بھی آتی ہے “ کے چنداشعار پیش کرتا ہوں:
    خموشی کی زباں می گفتگو کرنی بھی آتی ہے
    ہمیں اشکوں سے شرحِ آرزو کرنی بھی آتی ہے

    فقط ہاتھوں سے مہندی کو رچانا ہی نہیں آتا
    انہیں ہر آرزو میری لہو کرنی بھی آتی ہے

    نہیں دشوار کوئی ، منزلِ مقصود کا ملنا
    سفر درپیش ہو ، تو جستجو کرنی بھی آتی ہے

    ادب مانع ہے ، ورنہ بارگاہِ ناز میں جاکر
    ہمیں ہر بات ان کے روبرو کرنی بھی آتی ہے

    کہیں ایسا نہ ہو گھبرا کے وہ محفل سے اٹھ جائیں
    کہ اس ناچیز کو کچھ ہاو ہو کرنی بھی آتی ہے

    کسی کے مرتبے کا پاس ہے وقتِ سخن لازم
    تمہیں واعظ کسی سے گفتگو کرنی بھی آتی ہے ؟

    جناب ِ شیخ اکثر میکدے سے بے پیے نکلے
    بحمداللہ عبادت بے وضو کرنی بھی آتی ہے

    نصیر اپنوں کی عزت لوگ کرتے آئے ہیں ، لیکن
    وہ ہم ہیں جن کو تعظیم عدو کرنی بھی آتی ہے
    ۔۔۔۔
    نوٹ : پیر نصیرا لدین نصیر نے اپنی تما م غزلوں کو مقطع پر ختم کیا ۔ مگر میں جب ساحر لدھیانوی کے بلاگ لکھرہا تھا تو یہ بات دیکھکر حیرت ہوئی کہ ساحر نے اپنی کسی غزل میں اپنا تخلص استعمال نہیں کیا ۔ اس وجہ سے اسکی غزلیں مطلع سے تو شروع ہوئیں مگر مقطع پر ختم نہیں ہوئیں۔
    بہر حال : یہ ایک برسبیل تذکرہ بات تھی ۔ جس کا مقصد ہر ایک شاعر کے اسلوب سخن کے ایک خاص پہلو کو اجا گر کرنا ہے ۔

  39. منظور بھائی ۔۔سلامت رہیں ۔۔۔ جواب نہیں آپ کا ۔۔ کتنی محنت اور لگن سے آپ اس بلاگ کی علمی اور تحقیقی افادیت اور اہمیت بڑھا رہے ہیں اور یہ اعزاز بھی عالمی اخبار کو ہی جاتا ہے کہ یہاں علم کاخزانہ ہر ہر سطر میں موجود ہے ۔۔ اور منظور بھائی اس میں آپ کاحصہ بہت ہی زیادہ ہے ۔۔ اللہ پاک آپ کی عمر میں برکت عطا کرے اور آپ ہمیشہ یونہی علم و ادب کو آگے بڑھاتے رہیں ۔۔ آمین

  40. ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی ہمت افزائی میرے لیے باعث رحمت ہے۔ اللہ انہیں ہمیشہ خوش و خرم رکھے آمین
    میں اپنے بلاگ لکھکر خود اپنے ادبی ذوق کی تسکین کررہا ہوں ۔ خدا کا شکر ہے کہ اس بلاگ میں ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ اور صفدرھمدانی صاحب اور سید مصباح حسین صاحب نے بھی اپنی اپنی طرف سے بہت کچھ عطیات عطا کیے جس کی وجہ سے یہ بلاگ علم کا خزانہ بن گیا ہے۔
    میں تو پھر سعدی کا شعر دہرا کر خوش ہوا کرتا ہوں کہ :
    جمالِ ھم نشیں در من اثر کرد
    وگرنہ من کہ اک خاکم کہ ہستم
    ۔۔۔۔۔
    میں ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی خدا داد صلاحیت کی داد دیتا ہوں کہ انہیں اپنے خیالات اور تاثرات کو نظم کی شکل میں پیش کرنے میں کمال حاصل ہے۔ میرے پاس اتنےالفاظ کا ذخیرہ موجود نہیں کہ میں انکی نظموں کی تعریف کرسکوں۔ اللہ انکی خداداد صلاحیت کو تابندہ اور پائندہ رکھے آمین

  41. پیر نصیر الدین نصیر کی یہ غزل بھی لمبی ردیف “ کے بیٹھے ہیں“ میں ہے اور بہت ہی خوب ہے ۔ ہر شعر کئی کئی بار پڑھنے کا قابل ہے:
    پھرا کراپنے رخ کو پھیر میں چلمن کے بیٹھے ہیں
    وہ سچ مچ ہم سے ناخوش ہوگئے ، یا بن کے بیٹھے ہیں

    غضب کیا ہےجو ہم کوچےمیں اس پُر فن کے بیٹھے ہیں
    کسی کو کیا غرض، مالک ہیں اپنے من کے “ بیٹھے ہیں“

    الٰہی ! خیر دل کی ، جان کی ، چشمِ تماشا کی
    بلا کی شان سے محفل میں وہ بن ٹھن کے بیٹھے ہیں

    بٹھا کر پاس اس نے دور دل سے کردیا ہم کو
    یہ کیا معلوم تھا پہلو میں ہم دشمن کے بیٹھے ہیں

    جنہوں نے جیتے جی مجھ سے نہ میرا حال تک پوچھا
    وہی اب سر جھکائے سامنے مدفن کے بیٹھے ہیں

    کہاں ایسا مقدر تھا کہ ہو تا یہ شرف حاصل
    عنایت ہے کہ سائے میں ترے دامن کے بیٹھے ہیں

    یہ میری بزم ہے آئینہ بندی عہد ِ ماضی کی
    یہا ں مل جل کے کچھ ساتھی مرے بچپن کے بیٹھے ہیں

    ستم صیاد کا برحق، زباں اپنی بیا ں اپنا
    قفس میں ہیں ، مگر قصّے لیے گلشن کے بیٹھے ہیں

    حیات و موت ہیں دونوں ترے کوچے سے وابستہ
    جنازہ بن کے اٹھیں گے ، تمنا بن کے بیٹھے ہیں

    نصیر! ان کو کوئی پہچان لے ، یہ غیر ممکن ہے
    کچھ ایسا روپ بدلا ہے ، کچھ ایسے بن کے بیٹھے ہیں

  42. آج میں پیر نصیر الدین نصیر کی ایک اور غزل پیش کررہا ہوں جس کا ہر شعر پیر نصیر صاحب کے دوسرے اشعار کی طرح میرے دلی جذبات کی بھی ترجمانی کرتا ہے:
    مری زندگی تو فراق ہے وہ ازل سے دل میں مکیں سہی
    وہ نگاہِ شوق سے دور ہیں ، رگِ جاں سے لاکھ قریں سہی

    ہمیں جان دینی ہے ایک دن وہ کسی طرح ، وہ کہیں سہی
    ہمیں آپ کھینچئیے دار پر جو نہیں کوئی ، تو ہمیں سہی

    غمِ زندگی سے فرار کیا یہ سکون کیا ، یہ قرا ر کیا
    غمِ زندگی بھی ہے زندگی ، جو نہیں خوشی تو نہیں سہی

    سرِ طور ہو ، سرِ حشر ہو، ہمیں انتظار قبول ہے
    وہ کبھی ملیں ، وہ کہیں ملیں، وہ کچھی سہی ، وہ کہیں سہی

    نہ ہو َ ، ان پہ جو مِرا بس نہیں کہ یہ عاشقی ہے ہوس نہیں
    میں انہیں کا تھا ، میں انہیں کا ہوں ، وہ مِرے نہیں تو نہیں سہی

    مجھے بیٹھنے کی جگہ ملے، مری آرزو کا بھرَم رہے
    تری انجمن میں اگر نہیں، تری انجمن کے قریں سہی

    جو ہو فیصلہ وہ سنائیے ، اسے حشر پر نہ اٹھائیے
    جو کریں گے آپ ستم وہاں، وہ ابھی سہی ، وہ یہیں سہی

    اسے دیکھنے کی جولَو لگی تو نصیر دیکھ ہی لیں گے ہم
    وہ ہزار آنکھ سے دور ہو، وہ ہزار پردہ نشیں سہی
    ۔۔۔۔۔
    کیا پیر نصیر الدین نصیر صاحب کا کلام اردو کے تمام اساتذہ کے کلام کے پایہ کا نہیں ؟
    اس کا جواب اپنے دل سےپوچھیے !!!

  43. فیض کی غزل کی زمین میں پیر نصیر الدین نصیر صاحب نے جو غزل لکھی ہے وہ بھی قابلِ مطالعہ ہے۔
    فیض نےاپنی غزل منٹگمری جیل میں 29جنوری 1954 میں لکھی تھی ۔ یہ غزل اردو ادب کی ایک شاہکار غزل ہے :
    گلوں میں رنگ بھرے بادِ نو بہار چلے
    چلے بھی آو کہ گلشن کا کاروبار چلے
    بڑا ہے درد کا رشتہ ، یہ دل غریب سہی
    تمہارے نام پہ آئیں گے غم گسار چلے
    حضور۔ یار ہوئی دفترِ جنوں کی طلب
    گرہ میں لے کے گریباں کا تار تار چلے
    مقام فیضَ کوئی راہ میں جچا ہی نہیں
    جو کوئے یار سے نکلے تو سوئے دار چلے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    اب پیر نصیر الدین نصیر صاحب کی غزل ملاحظہ کیجئے جسے پیر نصیر صاحب نے اپنی کتاب پیمانِ شب جو 2001 ع میں شایع ہوئی ، میں شامل کیا:
    ارادہ تھا کہ اس غزل کے چند ایک اشعار لکھوں مگر کس شعر کو رکھوں اور کس کو نہ رکھوں کا تصفیہ مشکل ہوگیا اس لیے پوری غزل پیش کرتا ہوں ۔:

    اجڑ گیا ہے چمن، لوگ دلفگار چلے
    کوئی صبا سے کہو، اب نہ بار بار چلے
    یہ کون سیر کا ارماں لئے چمن سے گیا
    کہ بادِ صبح کے جھونکے بھی سوگوار چلے
    یہ کیا کہ کوئی ھی رویا نہ یاد کرکے انہیں
    وہ چند پھول جو حسنِ چمن نکھار چلے
    نقاب اٹھا، کہ پڑے اہلِ درد میں ہلچل
    نظر ملا ، کہ چھری دل کے آر پار چلے
    خوشا کہ در پہ ترے سر جھکا لیا ہم نے
    یہ ایک قرضِ جبیں تھا جسے اتار چلے
    کہے جو حق وہ کرے کیوں مآل ِ حق سے گریز
    کوئی چلے نہ چلے ہم تو سوئے دار چلے
    اب اس کے بعد چمن جانے یا صبا جانے
    گزارنے تھے ہمیں چار دن گذار چلے
    پلٹ کے دیکھا نہ اک بار کارواں نے ہمیں
    گرے پڑوں کی طرح ہم پسِ غبار چلے
    جو ان کی یاد میں چمکے کبھی سرِ مژگاں
    وہ چار اشک مری عاقبت سنوار چلے
    کسی کی یاد سے تسکینِ جاں ہے وابستہ
    کسی کا ذکر چلے اور بار بار چلے
    تمہاری بزم سے تاثیر اٹھ گئی شائد
    بحالِ زار ہم آئے، بحال ِ زار چلے
    غریبِ شہر کی میّت کے ساتھ روتا کون
    مرا سلام ہو ان پر جو اشکبار چلے
    قفس میں روز دکھاتا ہے آشیاں صیاد
    نصیر آگ لگادوں جو اختیا ر چلے

  44. پیر نصیرالدین نصیر رح کی یہ غزل ( جس کی دلچسپ ردیف “ تے ہیں اٹھتے بیٹھتے “ ) بھی قابل مطالعہ ہے :
    اس غزل میں دس اشعار ہیں مگر میں صرف چھ اشعار کو یہاں پیش کررہا ہوں:
    کس تصور میں وہ کھوجاتے ہیں اٹھتے بیٹھتے
    اپنے جی میں آپ شرماتےہیں اٹھتے بیٹھتے

    پاس رہ کر جو ستم ڈھاتے ہیں اٹھتے بیٹھتے
    جب چلے جائیں تو یاد آتے ہیں اٹھتے بیٹھتے

    اب تو وہ رہنے لگے ہر وقت مجھ سے بد گماں
    ہو برا ان کا ، جو بھڑکاتے ہیں اٹھتے بیٹھتے

    ہےغنیمت چند لمحوں کے لیے مِل بیٹھنا
    دوست دنیا میں بچھڑ جاتے ہیں اٹھتے بیٹھتے

    کس کو یارائے سخن ، کس کو مجالِ گفتگو
    آپ جب خنجر ہی لہراتے ہیں اٹھتے بیٹھتے

    آئنہ ہے ، اور وہ ہیں ، اور میرا دل نصیر
    ان کی بن آئی ہے ، تڑپاتے ہیں اٹھتے بیٹھتے

  45. آج میں پیر نصیرالدین نصیر رح کی ایسی غزل ( انکی تصنیف پیمانِ شب سے )پیش کررہاہوں جوتمام سخنوروں کے دلوں کو متاثر کئے بغیر نہیں رہ سکتی ۔ اس غزل کے چند اشعار پیشِ خدمت ہیں :
    اداس گُل ہیں ، کوئی تازگی چمن میں نہیں
    جو وہ نہیں ہیں تو رونق ہی انجمن میں نہیں

    بکھر بکھر کے سمٹتی ہے زلف اس رخ پر
    ابھی ہے چاند گہن میں، ابھی گہن میں نہیں

    ہمارا تذکرہ کس بزم کی نہیں رونق ؟
    ہر انجمن میں ہمیں ہیں ، کس انجمن میں نہیں

    جو تیری چشمِ تغافل میں پائی جاتی ہے
    خدا گواہ! وہ تلخی مئے کہن میں نہیں

    غبارِ راہِ وفا بن کے اڑ گئی ہوگی
    کہیں تو ہے ، مری میت اگر کفن میں نہیں

    کسی کے عشق نے یوں در بدر کیا ہم کو
    ہماری خاک بھی اب دامنِ وطن میں نہیں

    نصیر ! ڈوبتے تارے کو کس نے یاد کیا
    جو انجمن میں نہیں ہے ، وہ انجمن میں نہیں

  46. پیر نصیرالدین نصیر رح کی اردو شاعری پر اس بلاگ میں آخری تبصرہ ہے۔
    پڑھنے والوں نے محسوس کیا ہوگا کہ میں نے یہ بلاگ اور اس کے تبصرے صرف انکی تصنیف پیمان ِ شب کی مشمولات کی بنا پر تحریر کیا اور ترتیب دیا۔
    اس میں ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ ، صفدر ھمدانی صاحب اور مصباح حسین جیلانی صاحب نے اپنے اپنے حصوں کی شمعیں جلا کر اس بلاگ کو منور کردیا۔
    میرے اس بلاگ میں میں نے پیر نصیرالدین نصیر کی اپنی موت کی پیشگوئی اور اپنے اس جہاں سے کوچ کرجانے سےمتعلق جتنے اشعار پیمانِ شب میں موجود تھے وہ پیش کیے۔
    اس کے علاوہ پیر نصیرالدین نصیر کی شاعری کے ایک اہم پہلو جس میں ساقی اور میخانہ اور پیمانہ وغیرہ کی اصطلاحات پر انکے اپنے نقطہ نظر کے تشریح کے لیے انکے اپنے کلام کو اور انکی اپنی وضاحت کو پیش کیا ۔
    اس کے علاوہ پیر نصیرالدین نصیر رح کی چھوٹی ردیفوں اور لمبی ردیفوں میں لکھی ہوئی غزلو ں کی نمایاں مثالوں کو پیش کیا۔

    افسوس کہ میرے پاس پیر نصیرالدین نصیر رح کی مندرجہ ذیل کتابیں ( جن کی فہرست ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے اپنے ایک تبصرہ میں شامل کی ) نہیں ہیں ورنہ میں پیر نصیر الدین نصیر رح کی قادرالکلامی کی مزید بہت ساری مثالیں پیش کردیتا۔
    دیں ہمہ اوست (عربی ، فارسی ، اردو ، پنجابی نعتیں )
    فیضِ نسبت (عربی ، فارسی ، اردو ، پنجابی مناقب)
    رنگِ نظام ( قرآن و حدیث کی روشنی میں اردو مجموعہ رباعیات )
    عرشِ ناز (فارسی ، اردو ، پوربی ، پنجابی اور سرائیکی میں ‌متفرق کلام)
    دستِ نظر (اردو غزلیات)
    تضمینات بر کلام حضرت رضا بریلوی
    اسلام میں شاعری کی حیثیت
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    اس بلاگ کا مقصد صرف پیر نصیرالدین نصیر رح کی اردو شاعری کی مثالیں پیش کرنا تھا ۔ انکے صوفیانہ رنگ اور انکی مذہبی معلومات پر تحقیق اور تبصرے کرنا نہیں تھا ۔ہا ں ا گر کوئی مبصر ان موضوعات پر بھی تبصرے لکھدیتا تو اس بلاگ کی افادیت میں اضافہ ضرور ہوجاتا ۔

  47. آخر میں پیر نصیرالدین نصیر رح نے عبدالقادر بیدل کے ایک فارسی شعر کا جو اردو منظوم ترجمہ کیا اسے پیش کرکے اس بلاگ کو ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں :
    حیات میں ہے غنیمت مطالعہ دل کا
    کوئی پڑھے نہ پڑھے ، ہم نے داستاں لکھ دی

    فقط:
    پیر نصیر الدین نصیر رح کی قادرالکلامی کا قائل
    منظور قاضی از جرمنی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *