۔سجی ھے پھر سے کربلا ۔۔۔ ھرانکھہ اشک بار ھے (محترمہ شاہین رضوی)

گزشتہ بلاگ میں ہولو کاسٹ کے موضوع پر میں نے بہت کچھ سیکھا، وہ موضوع مکمل ہو بھی گیا تھا اور شاید ابھی کچھ تشنہ بھی تھا، لیکن مصباح شاہ صاحب کے اس “مکمل انٹرویو“ کو شامل کردینے کے بعد بات کچھ بدل گئی۔

محترم منظور قاضی صاحب کا یہ کہا کہ “یہودیوں اور فلسطین کی تاریخ پر طویل مقالے تاریخی پس منظر کو واضح ضرور کردینگے مگر………. اصل خطرہ تو فلسطین اور اسکے صحیح ہمدرد ایران کو ہے جس کو نطر انداز نہیں کیا جاسکتا“ ہمیں خطرہ کی گھنٹی کی آواز سنا رہا ہے-

محترمہ شاہین رضوی صاحبہ کی یہ بات کہ “آنے والے متوقع مصائب پر میرا دل خون کے آنسو بہا رھا ھے۔۔ میں ھالو کاسٹ کو بھول کر پا کستان کی سلامتی کی دعا مانگ رھی ھوں ۔۔ کہاں کمی رہ گی، دشمن ھماری سرحدوں کو عبور کرکے ھمارے گھر تک آگیا ھے۔۔۔ ۔سجی ھے پھر سے کربلا ۔۔۔ ھرانکھہ اشک بار ھے“ مجھے خون کے آنسو رُلا گئی۔

میری نظر میں یہ سارے موضوع الگ الگ بھی لیے جاسکتے ہیں لیکن یہ ایک دوسرے سے مربوط بھی ہیں، سامراج کے ہاتھوں مسلمان حکمرانوں کے بک جانے کے المیہ سے لے کر وطنِ عزیز کے حالیہ تشویش ناک حالات، واضح طور پر ایک ہی سلسلہ کی کڑیاں ہیں۔

میں پھر “عالمی اخبار“ کے تمام قارئین و نویسندگان ہم وطنوں کو اس مسئلہ کے حل پر دعوتِ اظہارِ رائے دینا چاہتا ہوں-

31 thoughts on “۔سجی ھے پھر سے کربلا ۔۔۔ ھرانکھہ اشک بار ھے (محترمہ شاہین رضوی)”

  1. میں محترم بلاگ نگار سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ خود ان مسائل کے حل پیش کرکے سب کو دعوتِ فکر دیں۔
    ۔۔۔۔۔۔۔
    جہاں تک ایران کی سلامتی کا تعلق ہے اس کا دارومدار خود ایران کی قیادت پر ہے ۔
    جہاں تک فلسطین کی خودمختاری اور آزادی کا تعلق ہے اس کا انحصار عربوں کی دانشمندی اور یک جہتی پر ہے ۔
    جہاں تک پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کا تعلق ہے اس کا انحصار طالبان اور القاعدہ کے شیطانوں کے خاتمہ پر ہے اور اگر وہ فاٹا اور بلوچستان میں ہیں تو انکو پاکستان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے نکال دینے پر ہے ۔
    ۔۔۔۔۔
    اقبال نے کہا ہے کہ:
    خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی
    نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  2. برادرم مناف کوئی بھی موضوع غیر اہم نہیں ہوتا اور اگر فرض کر لیں کہ کوئی موضوع بہت زیادہ اہم نہیں بھی تو تبصرہ نگار اپنی فکر اور تجزیات سے اسے اہم بنا دیتے ہیں.
    میرا مسلہ ہمیشہ یہ رہا ہے کہ میں اچھا تجزیہ نگار نہیں ہوں اور اسکی وجہ میری حد سے زیادہ صاف گوئی ہے جو کسی بھی تجزیہ نگار کی خوبی اس لیئے نہیں کہ تجزیہ کرنے والے کو بہت حد تک ہر رح ہر زاویے کو مد نظر رکھنا ہوتا وہ چاہے یا نہ چاہے.
    میرا یہ فلسفہ کبھی رہا ہی نہیں کہ ؛؛ حسین سے بھی محبت یزید کو بھی سلام”.
    آپ نے محترمہ شاہین رضوی صاحبہ کے جس شعر کو موضوع گفتگو بنایا ہے وہ اپنے طور پر ایک فکر اور فلسفہ ہے اور یہ ہی فلسفہ ہے جسکو میں گزشتہ دو عشرے سے لیکر شاید اکیلا ہی چل رہاہوں اور نام نہاد دوستوں سے بھی مار کھا رہا ہوں.
    میں نے ہمیشہ یہ کہا اور لکھا ہے کہ 61 ہجری 10 محرم کو کربلا ختم نہیں ہوئی تھی بلکہ شروع ہوئی تھی اور امام حسین اور یزیز کوئی دو شخصیات نہیں تھیں بلکہ رہتی دنیا تک کے لیئے دو نظریات تھے. 61 ہجری کی کربلا کا فلسفہ اور پیغام ہی یہی ہے کہ اپنے عہد کے یزیز کو پہچانو.ہمارا مسلہ ہی یہی ہے کہ ہم اپنے ارد گرد کے یزید کو نہیں پہچانتے.سچ پوچھیں تو آج کی تمام حکومتوں کی حکمت دراصل حکمت ابن زیاد ہی ہے.
    پاکستان جیسے ملکوں سے یوں تو سامراج شاید چلا گیا ہے لیکن سچ تو یہ ہے کہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور وہ نسل جو سامراج اور برطانوی نوآبادیاتی نظام میں پروان چڑھی تھی وہ نسل اور اسکے آگے آنے والے لوگ انہیں روایات اور اسی فکر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور اسکی سب سے بڑی مثال ہماری قومی اسمبلی ہے جہاں متوسط طبقے کا فرد عنقا ہے اور وہی سامراجی نظام کے گماشتوں کے خاندانوں کا تسلسل موجود ہے جو کسی قسم کی جمہوری اصلاحات چاہتا ہی نہیں.
    پاکستان کی موجودہ سیاسی ،سماجی، ادبی.ثقافتی،معیشی اور سلامتی کی صورت حال کی ایک بڑی وجہ یہی تسلسل ہے جس پر کوئی بھی غور نہیں کرتا۔

  3. میرے بہت معتبر اور محترم دوستوں،،میں تاخیر سے حاضری کی معذرت خواہ ھوں۔۔۔ دیر تک میری روح آپ خوش افکار حاصبان کی تعریف و توصیف سے سرشار ھوتی رھی۔۔۔۔۔۔۔ آن لاین عالمی آخبار ۔۔میں علمی ،ادبی ،سیاسی ۔سماجی۔موضوعات پر ماضی اور حال پر گہری نظر رکھنے والے اور مستقبل شناس مبصرین۔مفکرین۔ کےعلمی مذاکرات،ومناقشات،صحت مندانہ بحث و مباحثہ۔ کی اس مجلس میں آکر اپنی علمی کم مایئگی کا احساس شدت سے ھوتا ھے۔۔میں جب مسلمانوں کی درخشاں ماضی سے مژین تاریخ کا مطالعہ کرتی ھوي آج کی صورتحال پر مایوس ھوتی ھوں ماضی کے درودیوار سے ایک صدا آبھرتی ھے ۔۔۔کہ شاعروں ادیبوں نے مل کر قوم کو تحریک کی طرف مایل کیا۔۔ متحریک کیا۔۔۔میں کوچہ ساست کی طرف جاتی ھوئ بہت گھبراتی ھوں،،سکوت شام غریباں کے تکلم کی قسم۔ھم خاک نشیں :ھردور کے یزید کے سامنے سچ بولنے کی جرات اور جسارت کا عزم لیکر پروان چڑھتے ھیں۔۔،،
    میرا منقسم وجود مجھہ سے کبھی کبھی قوت گفتار چیھن لیتا ھے۔۔
    ‌

  4. محترم ہمدانی صاحب!
    میں آپکی بات سے مکمل اتفاق کرتی ہوں جو شخص بھی دینی اور دنیاوی شعور رکھتا ہے وہ معاشرے میں تباہ کاریوں کے ہر اقدام کا قوی احساس بھی رکھتا ہے۔ پاکستانی عوام بھی اپنے دینی شعور کے باعث نیکی اور بدی کا فرق جانتے ہیں وہ جاننتے ہیں کہ اسلام ایک امن و آتشی کا مذہب ہے مسلمانوں کے اس دین میں معاشرے کی بنیادوں کو منظم اور تعمیر کرنے کا احساس ہی بیدار نہیں کیا جاتا بلکہ اسکا باقائدہ اہتمام کیا جاتا ہے اور ان بنیادوں کو توڑنے والوں کی گرفت اور تعزیر کا حق بھی انہیں حاصل ہے۔ وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ ایسا شخص کبھی معاشرے کا حصہ نہیں بن سکتا جو معاشرے میں فتنہ و فساد اور بے چینی پیدا کرے یا ایسا کرنے والوں کی سرپرستی کرے۔ایک حدیثِ مبارکہ ہے بخاری شریف میں عبداللہ بن عمر سے روایت ہے کہ منافق کی چار خصلتوں میں سے ایک یہ ہے کہ جب وہ جھگڑا کرے تو مخالفت پر اتنا تل جائے کہ ناجائز امور کا ارتکاب شروع کردے۔ اب ہم اپنی ریاست،اداروں اور معاشرے پر ایک نگاہ ڈالیں تو ہر جگہ ہمیں یہ اختلاف اس جھگڑے کی صورت میں نظر آتا ہے جہاں سے نا جائز امور کا ارتکاب شروع ہو چکا ہے ایک اور جگہ ترمیذی میں حضرت ابو بکر صدیق سے روایت ہے کہ وہ شخص معلون ہے جو کسی کو ضرر پہونچائے یا فریب دے۔ آج ہمیں اپنی ریاست،اداروں اور معاشرے میں کون سی جگہ ضرر رسانی اور فریب کاری سے خالی نظر آتی ہے؟بحیثیت عوام بحیثیت معاشرہ ہمیں اپنے دینی اور دنیاوی شعور کو ٹٹولنے کی ضرورت ہے۔ جن معلونوں پر خدا اور اسکے رسول کی لعنت ہے جن کی احادیثِ مبارکہ میں ناصرف نشاندہی کی جاچکی ہے بلکہ ان کی موجودگی پر مزاحمت بھی کی گئی ہےانہیں ہم اپنے سیاسی ،سماجی، ادبی.ثقافتی،معیشی اور سلامتی اداروں میں تسلسل کے ساتھ قبول کئے ہوئے ہیں جبکہ ہم اس بات کے بھی داعی ہیں کہ ہم اپنے دینی شعور اور معاشرتی ذمہ داریوں کا قوی احساس رکھتے ہیں۔

  5. محترم قاضی صاحب ! سلام” علیکم
    آپ کا فرمانا بے شک درست ہے کہ پاکستان کو اپنے مسائل خود حل کرنے ہوں گے اور ایران کو اپنے، اس کی مثال ایسی ہے کہ کچھ مسئل گھریلو سطح پر حل کیے جاتے ہیں اور کچھ کا تعلق محلے سے ہوتا ہے، شہر کی سطح پر درپیش مسائل اور ہوتے ہیں اور ملکی سطح کے اور، اسی طرح عرض کروں گا کہ مسلمانوں کو درپیش مسائل کی جڑیں عالمی سطح پر ہی اُکھاڑ پھینکنی ہوں گی، ملکی سطح کے مسائل شاید آدھے سے زیادہ خود ہی درست ہو جائیں گے-

    اگرچہ اس بلاگ کا مقصد دعوتِ فکر دے کر آراء کو جمع کرنا ہے لیکن آپ کا یہ حکم بھی بجا ہے اور سر آنکھوں پر کہ ابتداء شاید مجھے ہی کرنی چاہیے، پنجابی میں کہتے ہیں کہ

    جیڑا بولے اوہی کنڈا کھولے
    یعنی دستک کی آواز پر جو بول پڑا اُسی کو اُٹھ کر دروازہ بھی کھولنا پڑے گا-

  6. آپ خواتین و حضرات کی وسعتِ قلبی، درگزر اور کرم فرمائی اعتبار پر، اپنی لاعلمی کے اعتراف کے ساتھ، اپنی ناقص رائے آپ سب کے سامنے پیش کرنے کی جسارت کر رہا ہوں ؛

    دوا سے پہلے مرض کی تشخیص ضروری ہے، حل سے پہلے مسئلہ کو پہچاننا ناگزیر ہے، آج مسلمانوں کا مسئلہ کیا ہے، ہمارے وطن کو درپیش مسئلہ کیا ہے، وہ سوال کیا ہے جس کے جواب کی ہمیں تلاش ہے؟
    میری نظر میں مسئلہ کی “بنیاد“ مسئلہ کی “جڑ“ کی شناخت کرنی ضروری ہے-

    محترم ہمدانی صاحب ! جس بات کو کہنے کے لیے مجھے شاید دو دن میں چار صفحے لکھنے پڑتے وہی بات آپ نے دو جملوں میں کہہ دی یعنی

    61“ ہجری 10 محرم کو کربلا ختم نہیں ہوئی تھی بلکہ شروع ہوئی تھی اور امام حسین اور یزید کوئی دو شخصیات نہیں تھیں بلکہ رہتی دنیا تک کے لیئے دو نظریات ہیں“-

    یہی یزیدیت اور یہی ابنِ زیادیت، یعنی یہی شیطانیت آج کا (اور ہمیشہ کا) وہ مسئلہ ہے جو ہم سے مبارزت طلبی کر رہا ہے-
    جنگ ہے حق اور باطل کے مابین-

    ہمیں نہ حق کی پہچان رہی اور نہ ہی باطل کی شناخت، ہم کبھی امریکہ سے امیدیں وابشطہ کرتے ہیں اور کبھی کسی زرداری سے، جو ہمیں سبز باغ دکھائے ہم اس کے پیچھے چل پڑتے ہیں خواہ وہ کسی سیاست دان، مُلا مولوی یا کسی فوجی جرنیل کی شکل میں ہمارے سامنے آئے-

    ہم اگر تاریخ پر نظر ڈالیں تو اس حق و باطل کی جنگ میں کبھی ہابیل کو قابیل کے ہاتھوں قتل ہوا دیکھتے ہیں، کبھی باطل کے ہاتھوں تنگ آ کر نوح علیہ السلام کو بدعا کے علاوہ کوئی اور چارہ نہ ملتا دیکھتے ہیں، ہمیں باطل نمرود اور فرعون کی شکل میں نظر آتا ہے تو حق ابراہیم اور موسیٰ علیہم السلام کی صورت میں، ہمیں جناب ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے زمانے میں باطل، مکہ میں ہر ممکنہ اذیت رسانی کے بعد اور شبِ ہجرت قتل کے منصوبے کے بعد بدر احد اور خندق وغیرہ میں نظر آتا ہے، کیا ہم اس کی شکل کو پہچانتے ہیں کیا ہمیں فتح مکہ تک بھی باطل کی شناخت نہیں ہوئی ؟؟؟ یہ ایک نام ہے جس کے ساتھ اس کے چھوٹے چھوٹے کئی چیلے بھی تھے، ہم باطل کو پہچان جانے کے باوجود انجان بن جاتے ہیں۔

    (جاری ہے)

  7. ھم ابھی فلسطین۔ایران اور پاکستان کی صورتحال پر ھی بات کر رھے ھیں۔۔میری ایک نظم ۔۔نذر فلسطیں۔
    معبد آہ و فغاں عقدہ دشوار آنکھیں
    کوہ کن دشت و دمن اور سر کہسار آنکیھں
    قد س پر دیکتھی دشمن کی ھیں یلغار آنکیھں
    مشعل غم کو آٹھاۓ ھوۓ خوں با ر آنکیدں
    خاموشی ،نطق کی بندش سے شعلہ بار آنکیھں
    نخل ماتم کے تلے بیٹھی عزادار آنکیھں
    پھول سے بچوں کی میت پر اشک بار آنکیھں
    چومتی ھیں کبھی ابرو کبھی رخسار آنکیھں
    دیکھہ کے روتی ھیں لاشوں کے بھی انبار آنکیھں
    ظلم و وحشت پر ھویئں بارھا انگار آنکیھں
    خون ناحق سے رنگے دیکھہ کے اخبار آنکیھں
    ڈھا نہ دیں آج کیہي ضبط کی دیوار آنکیھں
    کیسے افلاک سے لے آیئں مددگار آنکیھں
    کیسے اب تلف کریں موت کے ھتیار آنکیھن
    کیسے یکجا کریں مونس و انصار آنکیھں
    کس طرح آج کریں زخموں کو شمار آنکیھں
    کس طرح ختم کریں مشرک و کفار آنکیھں
    ظلم کے ھاتھہ پر قوت سے کريں وار آنکیھن
    بے گنا ھوں پے ستم ڈھاتی یہ مکار آنکیھں
    سروں کی فصل آگاتی ھوئ سنگ سار آنکیھں
    ھوي ھیں قد س میں ھر سمت نمودار آنکیھں
    کوئ میثاق بھی لایئں بروۓ کار آنکیھں
    کھول دے بہر خدا اپنی بھی سرکار آنکیھں
    قصہ ظلم سناتی بہ اختصار آنکیھں
    امن کے خواب دکھاتی ھوئ اوتار آنکیھں
    پالنے والے پر کرتی ھيں انحصار آنکیھں
    اے فلسطین: خجالت سے شرم سار آنکیھن
    اے فلسطین آٹھاۓ ھوۓ دستار آنکیھں
    اے فلسطین تیرے نام پر نثار آنکیھں
    شا ھین رضوی

  8. محترمہ بہن شاہین رضوی صاحبہ !
    آپ سے اپنی نظم کے سلسلہ میں میری درخواست کا جواب دینا یقیناً نادانستہ طور پر رہ گیا
    براہء کرم اجازت دیجیے کہ آپ کی نظم کو سہ ماہی “پیغامِ نجات” کی زینت بنا سکوں-

  9. محترمہ بہن عشرت معین سیما صاحبہ !
    آپ کی تشریف آوری تمام بھائی بہنوں کی دُعاؤں کی قبولیت اور آپ کی صحت کی علامت اور خوشخبری ہے، اللہ آپ کو مع اہلِ خانہ کے صحت و سلامتی عطا فرمائے.

    آپ کی یہ باتیں عین حقیقت ہیں کہ ایک طرف تو ہم اپنے اداروں میں ان ضررساں، فریب کار، بے ضمیر، وطن فروشوں کو تسلسل کے ساتھ قبول کیے ہوئے ہیں اور دوسری طرف ہم اس بات کے بھی داعی ہیں کہ ہم اپنے دینی شعور اور معاشرتی ذمہ داریوں کا قوی احساس رکھتے ہیں.

  10. شاہین رضوی صاحبہ.نظم بہت نفیس اور پر تاثیر ہے. یہ قلم ہم سب کے پاس شہر علم کے دروازے کی امانت ہے اور اس میں خیانت کوئی اور کرے سو کرے ہم آپ نہیں کر سکتے.
    عشرت معین سیما صاحبہ آپ تشریف لائیں. چشم ما روشن دل ما شاد. آپ جیسے صاحبان فکر ہی کی تو ضرورت ہے. مجھے آپکی مصروفیات کا علم ہے لیکن میرا بہت پرانا فلسفہ ہے کہ ایسے کاموں کے لیئے مصروفیت میں سے ہی وقت نکالنا پڑتا ہے. فراغت تو نہ اس زندگی میں ہے اور نہ اس زندگی میں. سلامت رہیں اس قلم کے سائے میں.
    اور مناف بھائی آپ تو اپنے نام کی لاج رکھے ہیں اور اسی نام کا حق ادا کر رہے ہیں. میں آپ جیسے سب دوستوں کو سلام کرتا ہوں
    جزاک اللہ

  11. میرے پاس محترمہ شاہین رضوی صاحبہ کی طویل نظم کی تعریف کے لیے مناسب الفاظ نہیں ، بس یہی کہونگا کہ ماشا اللہ ، سبحان اللہ ، کتنی پراثر نظم ہے : اللہ ان کی شاعری کی خدا داد صلاحیت کو زندہ و تابندہ رکھے اور اطراف و کناف کے سانحات پر اپنے منظوم تاثرات پیش کرنے کی جرائت عطا کرتا رہے ۔ آمین
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    جناب صفدر ھمدانی صاحب کی “ حق گوئی و بے باکی “ کی میں دل سے تائید کرتا ہوں ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔
    میں جناب عبدالمناف غلزئی صاحب کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میری تجویز قبول کرکے مسائل اور انکی وجوہات پر اپنے خیالات کا اظہار شروع کیا ۔
    ان کا کہنا بالکل درست ہے کہ “ جنگ ہے حق اور باطل کے مابین-“
    یہی بات اقبال بھی اپنی نظم “ ارتقا “ میں یوں کہتا ہے :
    ستیزہ کار رہا ہے ازل سے تا امروز
    چراغِ مصطفوی(ص) سے شرارِ بولہبی
    یہ حق و باطل کی جنگ “ ازل سے تا امروز “ چل رہی ہے ۔
    ۔۔۔
    چونکہ غلزئی صاحب کا تبصرہ ابھی جاری ہے اس لیے میں اپنے اس تبصرے کو یہیں پر ختم کرتا ہوں۔
    ۔۔۔

  12. محترم ہمدانی صاحب ہمت افزائی کا بہت شکریہ، ایک شاگرد کے لیے سب سے بڑا انعام استاد کی تحسین ہے.

    فتح مکہ کے بعد اس باطل نے اپنی شکل بدل لی، شیطان ایک انتہائی کائیاں اور خرانٹ کردار ہے یہ باطل ہمیں بعد میں ام المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے قاتل کی صورت میں ملتا ہے، یہ اللہ کے آخری رسول، حبیب اللہ کے اہلِ خانہ کا قاتل ہے، یہ امام علی اور امام حسن علیہم السلام کے قتل کاذمہ دار ہے- آج بھی رسولِ خدا کی امت میں سے بے شمار اس باطل کو رضی اللہ عنہ کا لقب دیتے ہیں جس کے ذمہ مثلاً صرف ایک ہی جنگ میں اٹھارہ ہزار اصحابِ رسول رضی اللہ عنہم کا قتل بھی ہے وغیرہ، یہ ہے اثر شیطان کی شیطنیت کا۔

    مسلمانوں میں سے وہ کون لوگ تھے جنہوں نے اس باطل کو باطل کہنے کی جراءت کی ؟ اس جراءت کے قصور میں اس کڑوے سچ کے بیان کے بدلے ان لوگوں کو ہمیشہ تہہ تیغ کیا جاتا رہا اور یہ سلسلہ آج تک نہیں رکا، اور صرف تہہ تیغ ہی نہیں کیا جاتا بلکہ عوام کو ان سے دور رکھنے کے لیے جھوٹی افواہوں کا ایسا جال بُنا جاتا ہے کہ ہر شریف مگر بھولا انسان اس سچ کو جھوٹ سمجھنے لگتا ہے، اس سے نفرت کرنے لگتا ہے اس سے دور بھاگتا ہے ، شیطان معرکے جیتتا جاتا ہے-

    ایک زمانہ وہ بھی آگیا جب اس باطل کے بیٹے کی صورت میں وقت کے ساتھ باطل نے پھر اپنی شکل بدلی اور اللہ کے حبیب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے گھروالوں کو بالکل نیست و نابود کر دینے کا ناپاک ارادہ لے کر کربلا کے میدان میں لشکر کش ہوا، حق کو ہمیشہ کے لیے مٹا دینے کا مکمل تہیہ کئے ہوئے یہ میدان میں اُترا، ایک طرف تینتیس ہزار کا لشکر تو دوسری طرف عورتوں اور بچوں کو ساتھ لیے ہوئے بہتر ساتھیوں کے ساتھ اللہ کے آخری رسول کا چہیتا نواسہ، کتنے تھے اس کے ساتھ ؟ مغرب سے مشرق تک پھیلی ہوئی سلطنت میں باطل کو باطل کہنے والے؟ صرف 72 ؟؟ باقی مسلمان کیا ہوئے ؟ یہ کیسے مسلمان تھے جن کا بادشاہ باطل تھا، شیطان تھا، کیا ان مسلمانوں کو (جن میں اصحابِ رسول کی ایک بہت بڑی تعداد شامل تھی ) حق اور باطل کی اتنی بھی تمیز نہ رہی کہ اس شیطان کے ہاتھ پر بیت کر لی، اور وہ اللہ کے رسول کی رحلت کے صرف 60 برس کے بعد ہی ؟؟

    میں اس مقام پر ایک بار پھر محترمہ بہن عشرت معین سیما صاحبہ کا جملہ دہراؤں گا کہ “ایک طرف تو ہم اپنے اداروں میں ان ضررساں، فریب کار، بے ضمیر، وطن فروشوں کو تسلسل کے ساتھ قبول کیے ہوئے ہیں اور دوسری طرف ہم اس بات کے بھی داعی ہیں کہ ہم اپنے دینی شعور اور معاشرتی ذمہ داریوں کا قوی احساس رکھتے ہیں“
    بہن جی یہ عادت ہماری کافی پرانی لگتی ہے۔

    (جاری ہے)

  13. میرے بہت محترم اور عزیز بھائ عبدالمناف۔۔میری نادانستہ غلطی کو درگزر فرمایئں۔۔یہ تو میرے لیے بہت آعزاز کی بات ھے۔۔۔
    میری تو خوش بختی ھوگي،،،۔۔ آگر میری یہ نا چیز کا وش اھل نقد ونظر کی توجہ حاصل کر سکے۔ ابھی آفس میں ھی ھوں،،گھرجاکر ھی تفصیل سے بات کرنےکے قابل ھوسونگی۔۔۔ حوصلہ آفزاي کا بہت شکریہ،،،،

  14. اگر ہم نے آج بھی باطل کو نہیں پہچانا تو وہ وقت دور نہیں کہ 63 ہجری کی طرح اللہ نہ کرے کہ پھر خانہء کعبہ پر پتھر برسائے جائیں اور آگ لگا دی جائے، اس زمانے کے اعتبار سے کہنا چاہیے کہ بم برسائے جائیں گے- کیا ہم بھول گئے کہ باطل کو باطل نہ کہنے کی وجہ سے اور حق کو پہچاننے سے انکار کے بدلے مدینہ منورہ میں کیا ہوا تھا ؟؟؟؟ باطل کی افواج نے مدینہ الرسول میں اصحابِ رسول (ص) کے ساتھ جو چاہا کیا مردوں کو قتل کردیا گیا گھروں میں گھس کر صحابیاتِ رسول اور ان کی بیٹیوں کے ساتھ ہر زیادتی کی گئی اور مدینہ میں لاکھوں ناجائز بچے پیدا ہوئے-

    میں معذرت خواہ ہوں اگر کسی کو میری باتیں بُری لگیں لیکن عرض ہے کہ ہم نے انہی حقائق سے منہ موڑ کر سر ریت میں دیا ہوا ہے جو مسائل کا حل ہرگز نہیں، ہمیں اس بات کو سمجھ لینا چاہیے کہ ماضی کو جانے بغیر، ماضی سے سبق سیکھے بغیر ہم اپنے حال کو کبھی صحیح نہیں کر سکتے اور جب تک حال ٹھیک نہیں ہوگا مستقبل کی درستگی کا کوئی امکان نہیں۔

    کون لوگ ہیں جو چودہ صدیوں سے لگاتار ان واقعات کی طرف امت کو متوجہ کرنا چاہتے ہیں اور وہ کون ہیں جو ہمیشہ یہ کہہ کر کہ تاریخ گمراہ کردیتی ہے مسلمانوں کو ان کی اس بھیانک تاریخ دور رکھنا چاہتے ہیں ؟ جب تک میں اور آپ ان سوالوں کے جوابات کا کھوج نہیں لگائیں گے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا نہ تو فلسطین کا نہ کشمیر کا اور نہ ہی وطنِ عزیز میں مہنگائی، آٹے کی قلت، خودکُش حملوں اور بدکردار اور ضمیر فروش حکمرانوں کا۔

    کیا تعلق ہے مسلمانوں کی تاریخ اور مثلاً آج کے آٹے کے بھاؤ میں ؟؟ آسان ترین الفاظ میں یہ تعلق اس طرح بیان کیا جاسکتا ہے کہ ہر خرابی اور ہر بُرائی منجانب شیطان ہی ہوتی ہے، ہمیں اللہ کی معرفت کے حصول کے ساتھ ساتھ معرفتِ شیطان بھی درکار ہے-

    آج جب پوری دنیا ایک اکائی بن چکی ہے، ایک عالمی دیہات Global village کہلاتی ہے، آج ہمیں معاملات و مسائل اور ان کے حل بھی عالمی سطح پر دیکھنے چاہیے، ہم اپنے وطن میں یہ سمجھ رہے ہیں کہ آٹا اس لیے مہنگا ہوا کیوں کہ مشرف یا کسی اور نے نرخ بڑھا دیے، ہم مشرف کے خلاف جلوس نکالیں یا بلاگ لکھیں ہمارے یہ تیر بہدف ہرگز نہیں کیوں کہ وجہ بلکل اور ہے۔

    آٹے صرف پاکستان ہی میں مہنگا نہیں ہوا، پاکستان کے ذرائع ابلاغ (Media) کے ذریعہ شور یہی مچایا جاتا ہے تاکہ ہمارا دھیان بٹا رہے اور ہم مسئلہ کی اصل وجہ نہ جان سکیں اور نہ ہی اس کے خلاف کچھ کہہ یا کر سکیں، اناج پوری دنیا ہی میں بیک وقت مہنگا ہوا، خاص طور پر نام نہاد تیسری دنیا کے ممالک میں، اور وجہ صرف اور صرف یہی ہے کہ نام نہاد پہلی دنیا معدنی تیل کے ذخائر پر انحصار چھوڑ کر توانائی کے نئے ذرائع ڈھونڈ رہے ہیں، انہوں نے حیاتیاتی تیل Biological Diesel سے گاڑیاں چلانے کے لیے پوری دنیا سے اناج اُٹھانا شروع کر دیا، پاکستان کی حکومت پاکستان کا نظام ایسا بنا ہوا ہے کہ سامراج جب چاہیں اور جیسا چاہیں کر سکتے ہیں، ہمارے حکمرانوں کی حیثیت کٹھ پتلیوں جیسی ہی ہے۔

    صفدر ہمدانی صاحب نے کیا خوبصورت کہا ہے کہ “پاکستان جیسے ملکوں سے یوں تو سامراج شاید چلا گیا ہے لیکن سچ تو یہ ہے کہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور وہ نسل جو سامراج اور برطانوی نوآبادیاتی نظام میں پروان چڑھی تھی وہ نسل اور اسکے آگے آنے والے لوگ انہیں روایات اور اسی فکر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں-“

    بات ارادے سے زیادہ طویل ہو گئی معذرت خواہ ہوں اختصار کی پوری کوشش کر رہا ہوں
    (جاری ہے)

  15. انتظامیہ سے درخواست ہے کہ Copy Paste میں غلطی کی وجہ سے بلاگ کا پہلا حصہ دوبارہ لگ گیا نکال دیجے اور وہ لائین ـــــ جس کی تنبیہ محترمہ بہن زرقا مفتی صاحبہ کر چکی ہیں شامل ہو گئی اسے بھی مٹا دیجیے معذرت اور پیشگی شکریہ

  16. میں اپنے تمام بھائی بہنوں کی تہہِ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے دعاوں میں یاد رکھااللہ تبارکِ تعالٰی کی مہربانیوں اور آپ لوگوں کی دعاوں کی بدولت میں ایک بار پھر حاضر ہوں اور انشااللہ آپ سب کی اور باالخصوص ہمدانی صاحب اور نگہت نسیم صاحبہ کی رہنمائی میں مستقبل میں بھی لکھتی رہونگی۔ مناف بھائی آپ نے مجھ ناچیز کی رائے کو اہمیت دی اور سراہا۔ ہمدانی صاحب کی حوصلہ افزائی کی بھی میں بے حد مشکور ہوں۔خدا کرے کہ اس پلیٹ فارم سےجو ہم لکھ رہے ہیں پڑھ رہے ہیں وہ لاحاصل نا رہے کوئی مثبت ردِعمل ضرور سامنے آئے (آمین)

  17. محترم ومکرم صفدر ھمدانی صاحب، محترم عبدالمناف بھائ صاحب۔ محترم منظور قاضی صاحب۔۔نیلگوں سمندر کی طرح پرسکون
    پیاری بہن زرقا قاصی اور بہت ھی نرم دل نفیس پرخلوص ڈاکٹر نگہت نسیم صبا حبہ۔۔ اس ادبی اور فکری قافلے کے اتنے قد آور اور خوش اطوار لوگوں نے مجھے فرش سے آٹھا کر عرش پر پہنچا دیا،،،اپ صاحبان فکر کی تعریف و توصیف نے مجھے ایک انوکھی مسرت سے آشنا کرایا ھے اللہ پا ک اپ سب کو سلامت رکھے۔۔محترم بھائ عبدالمناف کے ان لفظوں نے میرا کا م بہت اسان کردیا۔۔
    محترم صفدر ھمدانی صاحب ۔ھمت افزائ کا بہت شکریہ۔ایک شاگرد کے لیے سب سے بڑا انعام استاد کی تحسین ھے۔۔۔۔اپ سب دانشور صاحبان کا عالمانہ اسلوب بلند نظری اور بلند فکری۔اتنے متنوع موضوعات پر اتنی گہری گرفت و دسترس۔،۔واقف حق و حقیقت ۔۔
    ۔میں موضوع کو گرفت مین لیتے ھوۓ بہت دور نکل جاتی ھوں۔یہ بے ربطگی مجھہ میں بھی ھے اور میری تحریر مین بھی،،
    ۔۔دنیا میں ھرمسلمان کلمہ گو جو راست باز اور سچ بیاں ھو وہ حسینی ھے۔اور حسینیت رھتی دنیا ک باطل و یزیدیت سے ٹکرانے کی طا قت و قوت کا نام ھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔حق و حقیقت کے علمبردار72 جانثار ھزاروں پر سبقت و فوقیت رکھتے ھیں۔۔۔۔باطل ھمیشہ حق کے سامنے سرنگوں ھوتا ھے،زرقا بہین آ پکے حکم کی تعمیل بیہت جلد کر دی جائگی بہت عزیز بھائ مصباح حسین ۔پیغام نجات میں شائع ھونا میرے لیے بھی بہت فخر و افتخار کی بات ھے ۔۔۔۔میں اکثر رات گئے مسلسل ایک دعا مانگتی ھوں۔۔امت مسلمہ کے اتحاد کی ،تفکیری وحدت کی۔۔پا کستان کی سلامتی اور استحکام کی۔ محترمہ عشرت معین صاحبہ کے لیے آ پ سب کے لیےصحت وعافیت۔برکت اورسلامتی کی دعایئں۔۔ چلتے چلتے ایک اعتراف میں بہت نالایق تلمیذ ھوں۔۔۔۔بہت دیر میں کمپیوٹر سے متعلقہ امور سمجھہ میں آتے ھیں

  18. میرے ملک مین قتل وجدال نہ ھو
    بھاری یہ کسی پر سال نہ ھو
    ھر شے پر وحشت طاری ھے
    کہی یہ ھی وقت زرال نہ ھو
    ھر گام پر رک کر سوچتے ھیں
    کہیں یہ دشمن کی چال نہ ھو
    مايئں بھی چین سے سو جایئں
    بچہ بھی کوئ نڈھال نہ ھو
    میرا گیان دھیان یہ کہتا ھے
    اچھے لوگوں کا کال نہ ھو
    اس شہر ستمگر میں یا رب
    مانوس کوئ خدوخال نہ ھو
    میرے ملک میں قتل وعام نہ ھو
    بھاری یہ کسی پر سال نہ ھو
    شاھین رضوی

  19. بہن شاہین رضوی کا بہت مشکور ہوں- جزاکم اللہ خیرا

    اپنی بات کو ختم کرتا ہوں کہ . . .

    جب تک ہم اپنے دشمن کو پہچانیں گے نہیں اس کا مقابلہ کیسے کریں گے؟؟ کسی نے کیا خوب کہا کہ شیطان کا ایک بہت بڑا حربہ ہی ہے کہ وہ انسانوں کو یہ باور کرواتا ہے کہ اس کا اپنا کوئی وجود ہے ہی نہیں، ہم اس کے وجود سے بے خبر ہو گئے اسی لیے ہم نے اس کا مقابلہ نہ کیا اور وہ بقول محترمہ بہن شاہین رضوی صاحبہ “ ھماری سرحدوں کو عبور کرکے ھمارے گھروں میں گھس آیا ھے-“

    بات کو سمیٹتے ہوئے عرض ہے کہ ہمارے وطن کو درپیش مسائل کا حل میری نظر میں صرف اور صرف ایک انقلاب ہے، ایک حقیقی اسلامی انقلاب، ملک کا سارے کا سارا نظام از سرِ نو ترتیب دینا ہو گا، یہ اٹھارویں صدی کا بوسیدہ انگریزی قانون ہٹا کر عدل و انصاف پر مبنی عوام کے لیے ایک قانون نافذ کرنا ہوگا، خدا اور رسول (ص) کا قانون نہ کہ طالبان کا قانون، سیاست دانوں اور جرنیلوں کے پنجوں سے ملک کو نکال کر ہی غیر ملکی سامراج سے ملک کو بچایا جا سکتا ہے، ہمیں ان ہستیوں سے سبق سیکھنا چاہیے جنہوں نے باطل کو للکارا ہے، اور وہ سوائے اہلِ بیتِ رسول علیہم السلام کے اور کوئی نہیں یا ان کے ماننے والے۔

    اگر ہم نے کربلا کی درسگاہ، کربلا کی یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا تو اس دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی ہماری نجات کا سامان ہو سکے گا، اگر ہم نے اہلِ بیت (ع) کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کر دیا تو ہمارا بیڑہ پار لگ سکتا ہے-

    آج باطل کے پراپگنڈا کی وجہ سے جب بھی کوئی اہل ِبیتِ رسول علیہم السلام کی بات کرتا ہے تو اس پر فوراً “شیعہ“ کا لیبل لگا دیا جاتا ہے، جہاں بھی لفظِ “کربلا“ پڑھا سمجھ لیا کہ یہ تو کسی “شیعہ “ نے لکھا ہوگا، کیا لکھا ہے؟ یہ بہت کم کو پرواہ ہو گی اور اگر پڑھ بھی لیں گے تو کڑی تنقیدی نظروں سے، بلکہ اب تو نامِ علی اور حسین بھی صرف شیعوں تک محدود کر دیا گیا ہے،

    میں نہ شیعہ سُنی کی بات کر رہا ہوں اور نہ ہی پنجانی پٹھان کی، میرا موضوع صرف اور صرف “حق اور باطل“ کے درمیان فرق ہے اور باطل کے خلاف کم از کم آواز بلند کرنا ہے، میں نے یہ کربلا کی یونیورسٹی میں امام حسین (ع) سے یہی سیکھا ہے-

    ہمیں مسلمان ہونے کے باوجود الگ الگ مساجد میں بانٹ دیا گیا ہے، ہمیں پاکستانی ہونے کے باوجود ایک دوسرے کے خلاف اکسایا جاتا ہے، میں ان اکسانے والوں کے خلاف اکسانا چاہتا ہوں میں ان تفرقہ ڈالنے والوں کے خلاف کچھ کہنا چاہتا ہوں-

    میں نے بات ایران اور اسرائیل سے شروع کی تھی ، ایک بار پھر عرض کرنا چاہتا ہوں کہ نہ تو میری امریکی شہریوں سے مخالفت ہے نہ یہودی عوام سے اور نہ ہی دنیا کی کسی بھی دوسری قوم سے، مگر میں ہر اُس “حکومت“ کے خلاف بات کررہا ہوں جو اس دنیا کے وسائل پر قابض ہے اور دنیا میں لوگ بھوکے مررہے ہیں- ہر وہ حکومت جو بھوک سے مرتے ہوئے بچوں کو کھانا مہیا کرنے کی بجائے ترقی کے نام پر تعیشات پر خرچ کر رہی ہے بشمول خلائ تحقیق اور صنعتِ اسلحہ سازی کے، جب کہ ایک خلائ راکٹ کم بنانے سے پوری دنیا کے بھوکے سالہا سال کے لیے سیر ہو سکتے ہیں- میں ان حکومتوں اور ان کے چیلوں کے خلاف ہوں-

    جب تک یہ باطل سرنگوں نہ ہوگا یہ دنیا امن و امان کی بجائے ظلم و جورکی آماجگاہ بنی رہے گی-

    میں اپنے محترم قارئین سے تبصرہ تنقید اور آراء کا متمنی ہوں

  20. علم کی کمی، ناتجربہ کاری اور اختصار کی کوشش سے کافی بے ربطتگی پیدا ہوگئی ہے
    بہت بہت معذرت

  21. ستیزہ کار رہا ہے ازل سے تا امروز
    چراغِ مصطفوی(ص) سے شرارِ بولہبی

    اقبال(رح) کے اس شعر کے لیے جناب منظور قاضی صاحب کا بے حد ممنون ہوں
    یہ اس موضوع کی وضاحت اور تشریح کا بلیغ ذریعہ ہے

  22. ھر شے پر وحشت طاری ھے
    کہی یہ ھی وقت زرال نہ ھو

    کیا کہنے شاہین ۔۔ واہ ۔۔

  23. مناف بھائی میں آپ کے درد میں برابر کی شریک ہوں ۔۔ لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ پاکستان کا شمار اب بھکاریوں میں ہونے لگا ہے ۔۔ کچھ دن پہلے میں ایک ٹی وی پروگرام دیکھ رہی تھی وہاں کسی تجزیہ نگار نے کے کسی انگریز کی لکھی ہوئی ایک بات کوٹ کی تھی جو میری زہن سے چپک کر رہ گئی ہے ۔۔ وہ لکھتا ہے کہ جو ملک پہلے قرض مانگتے ہیں بعد میں وہ بھکاری بن جاتے ہیں ۔۔۔ یعنی BORROW AND BEGGAR کی کہانی کسی بھی تھرڈ ورلڈ ملک کی معاشیات ہے ۔۔۔ اور پاکستان ان ملکوں میں سر فہرست ہے جو بھکاری ہے ۔۔

    مناف بھائی جب تک ہم میں Self Respect کی کمی رھے گی ہم سر اٹھا کر نہیں جی سکیں گے ۔۔ جن کو مانگنے کی عادت ہو ان کی معاشایات کبھی بہتر نہیں ہو سکتی۔۔

    سوچتی ہوں ابھی بھی جس عوام کی بدحالی اور غربت کی وجہ سے حکومت بھکاری بنی ہوئی ہے ۔۔ اس کو تو وہ خیرات بھی تو نہیں مل رہی ۔۔ عوام ہونہی سڑکوں پر بے گور و کفن بھوک افلاس سے مر رہی ہے ۔۔۔ اور حکمران جن کی نہ نیت بھرتی ہے اور نہ تجوریاں ۔۔ وہ میڈیا پر آ کر ہماری ہی خوداری پر تازیانے لگا رھے ہیں ۔۔

    ستم ہے ۔۔ مناف بھائی ۔۔ یہ دہائی ہے کہ سر اٹھا کر مرنے تک سے ایک پاکستانی محروم ہے ۔۔

    میرے خدا غلامی انگریز سرکار کی نہیں تھی ۔۔ اصل غلامی یہی ہے کہ صہیویونی طاقتوں کے آگے ہمارے سچ ، جھوٹ ، حق باطل کے فرق مٹ جاتے ہیں اور اس فرق کو جاننے والوں کو دن دھاڑے قتل کر دیا جاتا ہے ۔۔۔ اور ہر طرف منفاقوں کابول بالاہوتا ہے اور عزت بچانے والے خون کا گھونٹ پی کر لبوں پر تالے ڈال لیتے ہیں ۔۔ یہ ہے غلامی ۔۔ یہ ہے موت کسی بھی قوم کی ۔۔۔ جہاں جاہل دانشور کہلائے ۔۔ اس قوم کے جاگنے کے لیئے آیت کریمہ کا ورد فضاؤں میں ہر وقت گونجنا چاھیئے ۔۔
    مناف بھائی یہ ہم کس پھیرے میں ہیں ۔۔ ہم کیا کبھی شعیہ سنی کے فرق سے باہر نہیں آیئنگے ۔۔ میں ماتم کرتی ہوں اپنے ہم عصروں کے اس گناہ پر کہ وہ کسی دوست پر جوبڑی محبت اور فخر سے کسی انگریز کے لکھے کوکو ٹ کرنے ۔۔ ان پر کبھی مغرب پرست ہونے کا لیبل نہیں لگاتے اور نہ انہیں کافر کہہ کر ان کی جان کے دشمن ہوتے ہیں ۔۔ لیکن جیسے ہی کسی دوست نے حضرت علی یا حضرت عمر کو کوٹ کیا اس پر شعیہ سنی کالیبل لگا دیتے ہیں ۔۔ اور پھر ان پر ایک دوسرے سے لین دین تک سب کچھ حرام ہو جائے گا ۔۔۔ ایک دوسرے کے مسلکی فرق پر ایک دوسرے کو کافر تک کہہ دیتے ہیں ۔۔ اور جن اسلام دشمنوں کو مل کر دشمن اور کافر کہنا چاھیئے وہ سب ہمارے لیئے باعث تمغہ ہیں ۔۔۔ ان کے سامنے ہمارے حکمران سے لے کر دانشور اور علماء تک دم ہلاتے ہیں ۔۔۔

    یہ قہر خداوندی ہے مناف بھائی اور اس وقت نہیں ٹلے گا جب تک ہم خود پر بحثیت مسلمان فخر نہیں کرینگے اور اپنی خوداداری ، حمیت اور عزت دو ٹکوں میں نہیں بیچیں گے ۔۔ چاھے ایک وقت کی روٹی ہی کیوں نہ نصیب ہو ۔۔

    مناف بھائی میں بہت دکھی ہو رہی ہوں ۔۔ اللہ جانے کیا کیا لکھ گئی ہوں ۔۔ صاحبان علم و فکر خدا راہ میری کم علمی کو نظرانداز کر دیجیئےگا ۔۔۔

  24. مکرمی مناف صاحب۔
    (1)

    تسلیمات۔ بار دیگر ایک طویل تحریر کے ساتھ پیش خدمت ہوں۔ لیکن کیا کروں کہ کسی بحث سے نتیجہ برآمد کرنے کے لئے کئی اور پہلوؤں کا احاطہ کرنا پڑ جاتا ہے۔ آپ نے حق اور باطل کی بہت خوبصورت بات کی۔ اسی کو آگے بڑھاؤں گا۔
    حضرت اقبال علیہ الرحمہ نے فرمایا تھا کہ
    تہران ہو گر عالم مشرق کا جنیوا
    شاید کرہ ارض کی تقدیر بدل جائے۔
    جناب اقبال (رح) کا یہ شعر محض مفروضے کی پیداوار نہیں تھا، بلکہ اسلام کی نشاۃ ء ثانیہ اور آئندہ کے مسائل پر انکی نظر کے حوالہ سے ایک حل پیش کرتا ہے۔ اس طرف تفصیل سے آنے سے پہلے چند گزارشات اور ہیں پھر ادھر لوٹوں گا۔
    (2)
    آج ملت اسلامیہ جن مسائل کا شکار ہے ان میں سب سے بڑا شدت پسندی ہے، یہ شدت محض فرقہ وارانہ تشدد اور دہشت گردی سے ہی عبارت نہیں بلکہ سیاسی افکار، معاشرتی اقدار، معاشی لین دین، سمیت زندگی کے ہر زاوئیے پر محیط ہے۔ اسکی ایک مثال یہ ہے کہ اگر ہم آزادی کی بات کریں تو لاہور کے انتہائی شرمناک سٹیج ڈرامے اقدار میں آزادی کی شدت کے عکاس ہیں جبکہ دوسری طرف اگر ہم دین کے ایوانوں میں جائیں تو وہاں قتل و غارت گری کے سوا کچھ نہیں ملتا۔ بلکہ ہم ایسے عامیانہ طبقے جو محض امن سے جینا چاہتے ہیں، وہ بھی آج انقلاب اور خس کم جہاں پاک جیسے نظریات کی طرف رجوع کرتے نظر آتے ہیں۔
    (3)
    انقلاب محض کسی غدر کا نام نہیں جہاں یکدم کوئی راہنما اٹھ کر قوم کی قیادت کرے گا اور ہر برے کو لوگ مر ڈالیں گے۔ ایوان ہائے اقتدار میں عوام کا گھس جانا انقلاب نہیں ہوتا، بلکہ انقلاب کے لئے پہلے مزاج بدلنے پڑتے ہیں۔انقلاب نام ہی اس تبدیلی کا ہے جس میں پہلے دل بدلتے ہیں، جیسا کہ خود خالق نطق و قلم کو مقلب القلوب کہا گیا ہے، یعنی دلوں کے بدل دینے والا۔ اس سلسلے یہ یاد رہنا چاہئے کہ یہ تبدیلی یکدم نہیں آئے گی، لیکن اسکا کام ہمیں آج ہی سے کرنا ہوگا۔ قوم کو حق اور باطل کی تمیز سکھانا ہوگی۔ بد قسمتی انسان آخرت کے اسباق پر یقین کر کے بھی عمل کم کرتا ہے، لیکن جس چیز کا نتیجہ نقد ملے اس کی طرف دوڑتا ہے۔ اسی بد قسمتی میں ایک خوش قسمتی بھی چھپی ہے، اور وہ یہ کہ لوگ آج اپنے مصائب کے تجربات سے گزر کر، فردا پیش نظر رکھتے ہیں اور اپنی ضعیفی اور اولاد کی جوانی کی خاطر آسانیاں تلاش کرتے ہیں۔ آج روکھی سوکھی کھا کر سونے والا کل تر نوالے کی خواہش ضرور رکھتا ہے، یہ فطرت انسانی ہے۔ اور یہ اسی تر نوالے کی خواہش ہے بالآخر جو انسان کو سچ اور جھوٹ کی تمیز پر مجبور کر دیتی ہے، تا کہ کل کو انکی نسلیں سکون سے جی سکیں۔ہم نے ایک دور میں ایک مفروضہ انگریزی زبان میں پڑھا تھا جو منطق کے اسباق میں سے ایک ہے اور اسکا خلاصہ یہی ہے کہ جو لوگ زیادہ نسل کشی کرتے ہیں، وہی سیاست میں دلچسپی لیتے ہیں “People Who rare children, are interested in politics” ۔ اولاد اور مال، دنیا کی زینت ہیں اور انہی کی خاطر ہم سچ جھوٹ کی طرف توجہ کرتے ہیں۔۔۔۔یہ جو عالمی اخبار پر پر ہم ہمہ وقت حریت کے سبق دہراتے رہتے ہیں، حق اور باطل کی تمیز سلجھاتے رہتے ہیں، یہ اسی انقلاب کی ایک کڑی ہیں۔ ہر انقلاب میں تحریر اور تقریر کا بہت بڑا کردار رہا ہے۔ سو ہم وہ اپنے تئیں کر رہے ہیں۔
    اس کے لئے ایک بہترین حل یہی ہے پاکستان میں جمہوری نظام کو ہر حال میں چلنے دیا جائے، تا وقتیکہ لوگ خود اہل اور نا اہل کی تمیز پر مجبور ہو جائیں۔ جمہوریت کو مغرب میں بھی ایک شفاف نظام کے حصول میں صدیاں لگی ہیں۔ گو کہ حقیقتا یہ آج بھی شفاف نہیں ہے، لیکن آمریت سے بدرجہا بہتر ہے۔
    (4)
    اب اگر ہم پوری امت مسلمہ کی طرف ایک نظر ڈوڑائیں تو ہمیں نظر آتا ہے کہ جن مسائل کا ہم شکار ہیں، پوری امہ انہی مسائل میں گھری ہے، بلکہ بین الاقوامی سطح پر صورت حال اور بھی دگر گوں ہے۔ ان حالات میں ہمیں ایک بین الملل الاسلامی انقلاب کی ضرورت نظر آتی ہے۔ اگر ہم انقلاب ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح) کے پیش کردہ ماڈل کو دیکھیں تو یہ انقلاب کبھی بھی انقلاب ایران نہیں کہا گیا تھا، بلکہ اسے اسلامی انقلاب کا ہی نام دیا گیا تھا۔ امام خمینی کی نظریں نہ تو عرب ممالک کی حکومتوں کی طرف تھی اور نہ وہ اقتدار کے شوقین تھے۔ انکی نظر میں امت مسلمہ کو جس امر کی ضرورت تھی وہ یکجہتی تھی، جس میں فروعی اختلافات کو مسجد تک محدود کر کے، بیرونی دنیا کے ساتھ معاملات مشترکہ حیثیت سے طے کرنا تھے۔ امام مرحوم نے ایسے عملی اقدام کئے جس سے انکی قائدانہ صلاحیتوں کا عتراف مخالفین کو بھی کرنا پڑا۔ مثلا رشدی ملعون کے قتل کا فتویٰ، القدس کی تحریک، صیہونیت کے خلاف محاذ آرائی، گوربا چوف کو دعت اسلام وغیرہ۔ میں یہاں امام خمینی کی زندگی پر اگر لکھنے لگ گیا تو یہ سطریں بہت طویل ہو جائیں گی۔ اس لئے انہی امثلہ پر اکتفاء کروں گا۔
    (5)
    بہر کیف مخالفین نے عرب ریاستوں کے والیوں کو اس انقلاب سے اسقدر ڈرا دیا کہ خود مسلمان بھی اس سے بھاگنے لگے اور اسکی شدید مخالفت کرنے لگے۔ ایک خوف انکا مبنی بر حقیقت بھی تھا کہ اگر سب کچھ درست اور شفاف طریقے سے ہونے لگے تو ایک دن ان ممالک کو جمہوریت کے سپرد کرنا پڑتا۔ جو سربراہ خود اپنے ملک میں جمہوریت کا قائل تھا، وہ کب تک عربوں کی آمریت کو جائز سمجھتا۔ اسی لئے امام خمینی کے انقلاب کو فرعی نزاعات کی نظر کر دیا گیا۔
    بایں ہمہ آج کے مسائل میں دنیا دیکھ چکی ہے کہ ایران ہی واحد مملکت ہے، جو مسلم دنیا میں قدرے آزادی و خود مختاری کے ساتھ جی رہی ہے۔ اس وقت ایران کو ایسی قیادت میسر ہے، جو امام خمینی کے چھوڑے ہوئے خطوط پر ہی چل رہی ہے۔ تاہم ایک چیز کا فقدان شدت سے محسوس کیا جا سکتا ہے، وہ ہے امام کی سیاسی بصیرت۔ امام جن خطوط پر ایران کو چھوڑ گئے تھے، وہ زیادہ تر انہی کے عہد کے لئے کفایت کرتے تھے۔ حالات زمانہ بدلنے کے ساتھ ساتھ، ایران کو بھی بعض مواقع پر اپنے طرز عمل میں کہیں زیادہ مضبوطی کی ضرورت ہے تو کہیں لچک کی ضرورت بھی۔ امام خمینی لوگوں کے لبیک نہ کہنے کے باوجود صدائے دعوت بلند کئے جا رہے تھے اور فریضہء قیادت نبھا رہے تھے۔ مجھے یقین ہے کہ اگر آج امام خمینی (رح) ہوتے تو وہ کویت جیسی مخالف حکومت کو اپنا دم ساز بنا لیتے۔ عرب ممالک کو اپنے یہاں دعوت دے کر غور و فکر پر مجبور کرتے اور عراق کے سیاسی حل کی کوششیں کھل کر فرماتے۔
    (6)
    محمود احمدی نژاد کے حق پرست اور نیک ہونے میں کوئی شبہ نہیں ہے۔ لیکن کچھ ان کے پیشرو اصلاح پسندوں کی مغرب پرستی کے سبب پیدا کردہ مسائل، اور کچھ عربوں کی روایتی تنگ نظری کے سبب، وہ ایران کو جنیوا کا مقام دلانے میں کوشاں نظر نہیں آتے۔ اپنے تئیں انکی تمام تر کوششیں درست ہیں جن میں ایران کی خود مختاری اور وقار کو وہ ہمہ دم مصروف عمل ہیں، لیکن بن الملل الاسلامی انکا کردار امام خمینی سے بھی زیادہ متنازعہ ہو چکی ہے۔ حالانکہ آج دنیا جس صور ت احوال کا شکار ہے، اس میں احمدی نژاد کے لئے زیادہ فعال کردار ادا کرنا ممکن تھا۔
    ضرورت اس امر کی تھی کہ جہان بھر سے علماء اور ملاؤں کا اجلاس منعقد کر کے، دہشت گردی کے نظرئیے کی اجتماعی توضیح پیش کی جاتی۔ عالم اسلام کو پیش سیاسی اور معاشی مسائل کے حل کے لئے سربراہان مملکت کو بلایا جاتا اور ان سے آراء لی جاتیں۔ رویتی مخالفین خود ایران کی طرف رجوع نہیں کریں گے، لیکن اگر ایران انہیں آج دعت فکر دے تو بہت سے شاید لبیک بھی کہ دیں۔ یہ عمل محض ایک آدھ بار کر گزرنے کا نہیں، بلکہ اس کی تکرار سے جا کر کہیں برف پگھلے گی اور مسائل کی حل کی طرف ہمارا کاروان رجوع کرے گا۔
    اپنے سیاسی نظریات میں میری نظر میں آج احمدی نژاد بھی غیر معمولی شدت کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔ یہ بھی درست ہے کہ بیرونی سازشوں کے سبب لچک نہ دکھانا بھی ایک سبب عافیت ہے۔ لیکن اب جبکہ ایران ویانا میں میں اپنے ایٹمی پروگرام کے حوالہ سے چلا ہی گیا ہے تو کیوں نہ اسکو کامیاب بنا لیا جائے تا کہ اندرونی اور بیرونی ترقی کے دیگر شعبوں کی طرف توجہ دی جاسکے۔
    (7)
    اب آتے ہیں حضرت اقبال کے فرمان کی طرف۔ مندرجہ بالا بحث سے میں یہ کہنے کے لائق ہو گیا ہوں کہ؛
    ١- موجودہ حالات میں ایران کو عالم اسلام کی قیادت کی ذمہ داری سنبھالنا ہوگی۔
    ٢- تہران کو عالم مشرق کے جنیوا کی حیثیت سے امت مسلمہ کو تسلیم کرنا ہوگا۔
    ٣- اندرونی و بیرونی بیداری کی غرض سے قلم قبیلے کو اپنا کام جاری رکھنا ہوگا۔
    ٤- قلم قبیلے کو شدت پسندی کے خلاف جہاد کرنا ہوگا، چاہے یہ کسی بھی صورت میں ہو۔
    ٥- قتل و غارت گری کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، اور انقلاب کو صورت ِ قتال کے علاوہ متاعرف کرانا ہوگا۔( یہ قتال قتال ہی کی سوچ تھی، جس کا خمیازہ ہم پہلے ہی بھگت رہے ہیں)۔
    ٦- ایسے علمی و ادبی مباحث کو حوصلہ افزائی کرنا ہوگی جو عوامی بیداری کا سبب بنیں اور مفکرین کو مسائل کے حل کی طرف سوچنے کی دعوت دیں۔
    ٧۔ ہمیں یکدم تبدیلی کا خواب دیکھنا بند کرنا ہوگا، اور صبر کا دامن تھام کر اپنے فرض کو ادا کرتے چلے جانا ہے۔

    اور بہت کچھ کہا جا سکتا ہے، لیکن میں اسی پر اکتفاء کروں گا کہ، پھر ایک طویل مقالہ لکھ ڈالا۔

  25. محترمہ بہن نکہت صاحبہ !
    کسی کو دکھی کو اگر اپنے ہی جیسا کوئی اور بھی دکھی مل جائے تو یہ بھی دکھ ہلکا کرنے کا سبب ہوتا ہے، آپ نے ان تمام ہم وطنوں کا دکھ بانٹا جو ان مسائل سے دکھی ہیں، آپ کے الفاظ سے آپ کے دردِ دل کا اندازہ بخوبی ہورہا ہے،
    ورنہ اطاعت کے لیے کچھ کم نہ تھے کروبیاں
    آپ کہ یہ باتین سب کے لیے قابلِ توجہ ہیں کہ . . .

    حق اور باطل کے فرق کو جاننے والوں کو دن دھاڑے قتل کر دیا جاتا ہے ۔۔۔ اور ہر طرف منفاقوں کابول بالاہوتا ہے اور عزت بچانے والے خون کا گھونٹ پی کر لبوں پر تالے ڈال لیتے ہیں ۔۔ یہ ہے غلامی ۔۔ یہ ہے کسی بھی قوم کی موت ۔۔۔ جہاں جاہل دانشور کہلائے ۔۔ اس قوم کے جاگنے کے لیئے آیت کریمہ کا ورد فضاؤں میں ہر وقت گونجنا چاھیئے (یہی بات کسی گزشتہ بلاگ میں میں نے ان الفاظ میں عرض کی تھی کہ فی الوقت ہمارے پاس ان مسائل کا واحد حل نمازِ شب اور زیارتِ اربعین کی پابندی ہے) اور . . .

    جن اسلام دشمنوں کو مل کر دشمن اور کافر کہنا چاھیئے وہ سب ہمارے لیئے باعث تمغہ ہیں ۔۔۔ ان کے سامنے ہمارے حکمران سے لے کر دانشور اور علماء تک دم ہلاتے ہی.

    برادرِ عزیز مصباح شاہ صاحب !
    میں نے بہت کوشش کی کہ آپ کے تبصرے میں وہ نکتے ڈھونڈوں جن پر میری رائے مختلف ہو، اختلاف برائے اختلاف یا بحث برائے بحث کے لیے نہیں بلکہ معاملہ کا کوئی دوسرا رُخ جاننے کے لیے کہ یا تو اپنے خیال کی موافقت میں مزید دلائل ڈھونڈوں یا پھر دوسرے کے نظریہ کو مان لوں لیکن . . .

    میں اسے ربِّ عظیم کا انعام و احسان مانتا ہوں کہ مجھے کوئی ایک بات کوئی ایک نکتہ بھی نہ ملا جس پر کچھ کہہ سکتا، سبحان اللہ
    بلکہ جن باتوں کو کہنے سے میں کچھ ہچکچا رہا تھا آپ نے ان کو بہت فصیح انداز میں کھل کر بیان فرما دیا
    انقلاب ہی کے حوالہ سے جن تفصیلات کو میں نے حذف کیا تھا آپ نے عین وہی بنیادی اور ضروری نکات تحریر فرما دیے جن کا اس مضمر میں مدِ نظر ہونا بہت ضروری ہے.

    جناب منظور قاضی صاحب اور آپ ان تمام باتوں کے بدلے میں، جن کو یا تو میں بیان نہیں کر سکتا یا ان کو کہنے میں مجھے کئی صفحے لگ جائین گے، ایک شعر لکھ دیتے ہیں یعنی کوزے میں دریا سمو دیتے ہیں، میں اپنی کم علمی، ادب سے دوری (علمِ زبان) اور محدود مطالعہ نکے باعث ایسا نہیں کرسکتا، ان بلاگز کا یہی فائدہ ہے. کیا خوبصرت شعر (درکار(درکار) کا ) آپ نے تحریر فرمایا جو صاحبانِ نظر کے لیے موضوع کی کل کائنات کو سمیٹے ہوئے ہے . . .

    تہران ہو گر عالم مشرق کا جنیوا
    شاید کرہ ارض کی تقدیر بدل جائے

    آخر میں (7) کے تحت آپ نے جو سات نکات تحریر فرمائے ہیں ان میں سے ہر ایک نہ صرف قابلِ غور ہے بلکہ ناگزیر ہے یقیناً کچھ تفصیلات ابھی بات کرنی باقی ہے لیکن ان پر قارئین کے تبصروں کے بعد آپ انشاء اللہ روشنی ڈالیں گے.

    ایک بات، جو پہلے بھی تحریر کی جا چکی ہے، دوبارہ تمام پڑھنے والوں کی خدمت میں دست بستہ عرض کروں گا کہ ہماری غرض یہاں ایک دوسرے کی مدح سرائی ہرگز نہیں، ایسا کرنا نہ تو کوئی پسندیدہ عمل ہے نہ ہی اس کا کوئی فائدہ ہے، اگر میں نے مصباح شاہ صاحب کے مضمون کی تعریف میں کچھ عرض کیا تو صرف اس لیے کہ میری نظر میں ان کا لکھا واقعی سراہے جانے کے لائق ہے، جس کی دلیل ان کی تحریر خود ہے. ہمارا مقصد کچھ سیکھنا سکھانا ہونا چاہیے، اپنے علم میں اضافہ کی نیت ہونی چاہیے، جس کے لیے ہر قسم کی مذموم غایت سے دوری لازم ہے.

    میں قارئین کے تبصروں کا مشتاق ہوں

  26. میں جناب عبدالمناف غلزئی صاحب اور سید مصباح حسین جیلانی صاحب کے سیر حا صل تبصروں کو پڑھنے کے بعد پھر عبدلمناف غلزئی صاحب کے ان ارشادات کی طرف آتا ہوں جنھیں انہوں نے 12 اکتبوبر کے تبصرہ میں پیش کیا:

    ‘دوا سے پہلے مرض کی تشخیص ضروری ہے، حل سے پہلے مسئلہ کو پہچاننا ناگزیر ہے، آج مسلمانوں کا مسئلہ کیا ہے، ہمارے وطن کو درپیش مسئلہ کیا ہے، وہ سوال کیا ہے جس کے جواب کی ہمیں تلاش ہے؟
    میری نظر میں مسئلہ کی “بنیاد“ مسئلہ کی “جڑ“ کی شناخت کرنی ضروری ہے“
    ۔۔۔۔۔
    اب ہم کو اپنے آپ سے پوچھنا ہے کہ کیا ہم نے “ مسئلہ کی جڑ کی شناخت “ کرلی ہے ۔
    میرا خیال ہے کہ سید مصباح حسین صاحب نے اپنے تبصرے کی نکات میں اور خاص طور پر ساتویں نکتہ میں تمام مسائل کی جڑ کے ساتھ ساتھ اس کا حل بھی پیش کردیا ہے۔
    مگر کیا ہر اسلامی ملک اور خاص طور پر ہر عرب ملک وہ کچھ نہیں کرسکتا جو ایران کررہا ہے ؟ کیا یہ مردِ مومن ( ایران )ہی اکیلا باطل یعنی اسرائیل سے ٹکر لے کر اپنے آپ کو قربان کرنے کےلیے تیار ہے ؟ کیا اسلامی ممالک اور خاص طور پر عرب ممالک اس کام میں ایران کے شانہ بہ شانہ چل رہے ہیں ؟ کیا جوہر ی ہتھیار سے لیس پاکستان ایران کے شانہ بہ شانہ چل کر اسرائیل سے یہ نہیں کہ سکتا کہ کیوں یورپ میں جو کچھ اسے ساتھ ہو ا اسکو جواز بنا کر وہ فلسطین پر ہمیشہ کے لیے قابض ہوگیا ہے۔؟
    میں شاہین رضوی صاحبہ کی فلسطین پر لکھی ہوئی ا نتہائی پر اثر نظم “ آنکھیں “ کو بار بار پڑھکر پھر فلسطین کا حل تلاش کرنے کی جستجو کرتا ہوں مگر مدعی( عرب ممالک ) سست اور گواہ ( ایران ) چست کا معاملہ ہے ۔
    ۔۔۔۔۔۔
    افسو س کہ میرے علم اور میرے قلم کی طاقت اتنی زیادہ نہیں کہ میں حق و باطل کے جنگ جو ازل سے تا امروز ہورہی ہے اس کو اس بلاگ کے تبصروں سے ختم کرسکوں ۔

  27. مکرمی قاضی صاحب۔
    سلام مسنون۔
    آپ کی بات اس حد تک بالکل درست ہے کہ مدعی سست اور گواہ چست والا معاملہ ہے، لیکن ہم بھی تو مدعی ہی ہیں۔ یہ بلاگ صرف ہم لوگ ہی نہیں پڑھتے جو یہاں لکھ رہے ہیں، بلکہ کچھ اور بھی قارئین بھی ہیں جو صرف پڑھنے آتے ہیں۔ میری نظر میں ہر قطرہ اپنا کام کرتا ہے تو پھر جا کر کہیں پتھر کی سل گھستی ہے۔ ہم وہی قطرے کا کام کررہے ہیں۔ یقینی طور پر یہ تحریریں عبث نہیں ہیں، کہ وقت کے ساتھ انکا رنگ نکلے گا۔ کم از کم ہم چار پانچ افراد تو سوچ کے دروازے کھولتے ہی ہیں۔ کیا پتہ ہم ہی میں سے کل کوئی بے موت مارا جائے تو کم از کم بارگاہ ایزیدی میں یہ تو نہیں کہا جا ئے گا کہ تم جس ظلم کو دیکھ کر خاموش تھے، آج اسی کا نشانہ بن کر آئے ہو۔۔۔اس لئے تم مظلوم نہیں۔
    نہ صرف صامت قارئین یہ بلاگ اور تبصرے پڑھتے ہیں، بلکہ ہماری تحریریں ہمارے آثار کے طور پر خالق کے یہاں محفوظ بھی ہوتی رہتی ہیں اور کراما کاتبین بھی انکا تذکرہ اپنے روزنامچوں میں کرتے ہیں۔ اس لئے آپ کی تحریروں میں کم از کم اتنی جان ضرور ہے کہ کل آپ یہ کہ سکیں کہ میں نے اپنے حصے کی شمع جلا ئی تھی۔ اپنی تحریروں کو لا یعنی مت جانئیے۔
    محترمہ شاہین رضوی صاحبہ کی نظم، محض ایک نظم نہیں، بلکہ آج کی منظوم تاریخ ہے،۔ کل کا مؤرخ انہیں پڑھ کر نہ صرف حالات کا اندازہ کر سکے گا، بلکہ وہ جان سکے گا کہ اہل دل کیا کیا سوچتے رہے۔ اگر اس نظم سے ایک آنکھ بھر آئے یا دل کڑا ہو جائے تو سمجھیں بارش کا پہلا قطرہ گر گیا۔۔۔ کچھ عرصہ پہلے میں نے عزاداری کے حوالہ سے ایک مضمون رقم کیا تھا۔اسی کے تناظر میں اتنا کہوں گا کہ یہ نظمیں عزاداری ہیں آج کی ملت اسلامیہ کی، اور یہی عزاداری کل کو انتقام کی بنیاد قرار پاتی ہے۔ ماتم، جلوس اور گریہ محض بے بسی کا اظہار نہیں، بلکہ دل میں کھولتے ہوئے لاوے کی نمائیندگی کرتے ہیں۔ جب تک یہ لاوا کھولتا ہے، تب تک ہم تبدیلی کی امید باقی رکھتے ہیں۔

  28. سید مصباح حسین جیلانی صاحب کی تمام باتیں درست ہیں جن پر بحث کی کوئی ضرورت یا گنجائش نہیں۔

    میرا کہنا شروع سے یہی ہے کہ باطل ( شیطان جسے ابلیس بھی کہتے ہیں ) ازل سے موجود ہے اور ابد تک رہے گا ( یہ ہی خدا کی مصلحت تھی اور ہے ) اسی کے ساتھ راہِ حق پر چلنے کی اور اچھے اور برے کی تمیز ( ضمیر ) بھی اللہ نے انسان کو عطا کی ہے ۔ ( یہ بھی خدا کی مصلحت کے تحت ہےاور اسی مصلحت کے تحت وہ ہمارے امتحان کے لیے یہ حق وباطل میں تمیز کرنے کی صلاحیت پیدا کرچکا ہے )

    جب تک شیطان ، انسان پر حاوی رہے گا دنیا میں قتل وغارت گری اور تمام برائیاں موجود رہین گی۔ مگر جب اپنے نفسِ امارہ یعنی شیطان پر انسان حاوی ہوجائےگا تو وہ نہ صرف برائیوں سے دور رہےگا بلکہ برائیوں ( شیطانیت ) پر بھی حاوی ہوجائے گا ۔

    کسی استاد شاعر نے جو شعر کہا تھا وہ مجھے پورا تو یاد نہیں مگر اسکا یہ مصرعہ یاد ہے کہ:
    بڑے موذی کو مارا نفسِ امّارہ کو گر مارا
    اس غزل کا دوسرا شعر یہ تھا کہ
    گیا شیطان مارا ایک سجدے کے نہ کرنے پر
    اگر لاکھوں برس سجد ےمیں سر مارا ، تو کیا مارا

    میرے خیال میں تمام مسائل کا حل انفرادی اور اجتماعی طور پر نفس امارہ پر حاوی ہونے پر ہے ۔ جب تک مسلمان اس راز سے واقف تھے اور اس کو اپنے ذہن میں رکھکر اس پر عمل کرتے تھے اور شیطان ( نفسِ امارہ ) پر غالب تھے وہ دنیا میں سرخرو اور فتحیاب تھے مگر جیسے ہی انہوں نے نفسِ امارہ ( شیطان ) کو اپنے اوپر حاوی کرلیا تو پھر وہی انسان ، شیطان بن کر دنیا پر قتل و غارت گری اور ظلم و بر بریت پر اتر آیا۔
    اسلام کی ابتدائی تاریخ ایسے مسلمانوں سے بھری پڑی ہے جنھوں نے نفسِ امارہ پر قابو پالیا یا پھر اس کے ہاتھ پر بیعت کرنے کی بجائے اپنے سر کی قربانی دے دی۔
    تمام مسلمانو ں کو معلوم ہے کہ شیطان پر کنکریا ں مارنے کی رسم کی وجہ کیا تھی : ۔ اللہ کی مصلحت یہی تھی کہ مسلمانوں کو اپنے نفس امارہ ( شیطان ) کو اپنے فیصلوں پر حاوی نہ ہونے دیں اور اس پر کنکریاں مار مار کر اسکو اپنے قابو میں رکھیں ۔

    مگر برسوں سے ( سوائے امام خمینی رح ) کے کوئی ایسا مردِ مومن نظر نہیں آیا جس نے نفسِ امارہ کو شکست دے کر ایک انقلاب بپا کردیا ( اس وقت شاہ اور اسکے حمایتی بھی کچھ نہ کرسکے )۔یہ حالیہ تاریخ کی مثال ہے۔ اسی مردِ مومن کے جانشین ( محمود احمدی نژاد ) نے اسی لیے یہ آواز بلند کی ا و فلسطین پر قبضہ کرنے والو تم نے اپنی یورپ میں تباہی کے جواز میں فلسطین پر ہمیشہ کے لیے کیوں قبضہ کرلیا ؟
    ۔۔۔۔
    یہ تو تھی ایک بہادر اور دلیر ملک ( ایران ) کی مثال مگر کیا دنیا کے مسلمان ممالک اور عرب ممالک نے اپنے اپنے نفسِ امارہ ( شیطان ) کو اپنے قابو میں کرلیا ؟ جواب ہے : نہیں ، بالکل نہیں : اگر یقین نہ آئے تو جاو دیکھو کہ ان ممالک میں اور خود پاکستان میں ہورہا ہے!! نفسا نفسی کا عالم اور ایک دوسرے کی گردن کاٹنے کی مہم چل رہی ہے اور
    by hook or by crook جاہ و حشمت اور دولت اور شہرت حاصل کرنے کی مہم جوئی ہورہی ہے۔ نہ ان کو اپنے عوام کی فکر ہے نہ اسلام کی فکر ہے ۔
    یہ طالبان اور القاعدہ کے شیطان بھی اپنے نفسِ امارہ کے شکار ہوکر دنیا میں وہی حرکتیں کررہے ہیں جو ایک زمانے میں “حسن بن صباح “ کیا کرتا تھا یعنی معصوم اور بھولے بھالے نوجوانوں کو سبز باغ اور نہ ملنے والی جنت کے خواب دکھا کر خود کش حملوں پر آما دہ کرنا ان کا وطیرہ بن گیا ہے۔

    میں ان موضوعات پر اس لیے نہیں لکھتا کہ میرا علم اتنا وسیع نہیں ہے کہ کسی کو قائل کرسکوں اور نہ میرے قلم میں اتنا اثر ہے کہ کسی کو یہ کہوں کہ وہ اپنے نفسِ امارہ پر حاوی ہوجائے ۔( اسی لیے میں اردو ادب اور شاعری جیسے موضوعات پر کچھ الٹا سیدھا لکھکر اپنی زندگی کا باقی وقت گذار رہا ہوں )۔

    میں خود اپنی اس عمر کے آخری حصہ میں اب تک خدا کے فضل و کرم سے اپنے نفسِ امارہ سے بار بار لڑ جھگڑ کر اس کو اپنے قابو میں رکھنے پر عمل پیرا ہوں اور خدا سے یہی دعا مانگتا ہوں کہ خدا مجھے دنیا وی آفات اور بلاوں سے دور رکھ اور میرا خاتمہ بخیر کر اور اپنے رسول( محمد صلعم ) کے صدقے میں میری عاقبت بھی بخیر کر۔
    یہ تبصرہ طویل ہوتا جارہا ہے اس لیے میں یہی کہونگا کہ تمام برائیوں کی جڑ نفسِ امارہ ہے اس کو انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنے قابو میں رکھنے کی ضرورت ہے ۔ اگر یہ ہوجائے تو انفرادی اور اجتماعی دنیا بھی امن و امان سے رہنے کے قابل بن سکتی ہے۔
    یہ ہی تمام مسائل کی جڑ ہے اور اس پر حاوی ہوجانا ہی ان مسائل کا حل ہے:
    “ بڑے موذی کو مارا ، نفسِ امّارہ کو گر مارا “
    اگر عالمی اخبار کے پڑھنےوالے اور وہ تما م افراد ( جو جناب مصباح حسین جیلانی کے قول کے مطابق ) اس تبصرہ کو پڑھرہے ہیں تو ان سب سے یہ ہی کہونگا کہ :
    بڑے موذی کو مارا نفسِ امارہ کو گر مارا
    فقط:
    علم کا خواہاں
    منظور قاضی از جرمنی

  29. محترم قاضی صاحب !
    آپ نے فرمایا کہ آپ کے قلم کی طاقت اتنی زیادہ نہیں کہ آپ حق و باطل کے جنگ جو ازل سے تا امروز ہورہی ہے اس کو اس بلاگ کے تبصروں سے ختم کرسکیں- لیکن قبلہ آپ کے یہ چند الفاظ ہی زخموں پر مرہم کا کام کر گئے ہیں ؛

    مگر کیا ہراسلامی ملک اور خاص طور پر ہر عرب ملک وہ کچھ نہیں کرسکتا جو ایران کررہا ہے؟ کیا یہ مردِ مومن(ایران) ہی اکیلا باطل یعنی اسرائیل سے ٹکر لے کر اپنے آپ کو قربان کرنے کےلیے تیار ہے؟ کیا اسلامی ممالک اور خاص طور پر عرب ممالک اس کام میں ایران کے شانہ بہ شانہ چل رہے ہیں ؟ کیا جوہری ہتھیار سے لیس پاکستان ایران کے شانہ بہ شانہ چل کر اسرائیل سے یہ نہیں کہہ سکتا کہ کیوں یورپ میں جو کچھ اسے ساتھ ہوا اس کو جواز بنا کر وہ فلسطین پر ہمیشہ کے لیے قابض ہوگیا ہے؟

    آپ کے یہ سوال اصل مسئلہ اور اس کے واحد ممکنہ حل کی طرف اشارہ ہیں، آپ نے تمام تبصروں کا نچوڑ پیش کردیا، مصباح شاہ صاحب کا مدعائے تحریربھی یہی کچھ تو ہے-

    مصباح شاہ جی ! آپ کی یہ اختتامی تحریر ہر مسلمان کو بڑی Enlarge کرواکر فریم کروا کر دیوار پر لگوا لینی چاہیے، آپ کی بیان کردہ باتیں ہمیں آج اپنا فرض پہچاننا بتا رہی ہیں، ہمیں انفرادی سطح پر اپنا مقام اور وہاں سے اجتماعی تحریک کی تیاری سمجھا رہی ہیں، کاش ہم ان رموز کا ادراک کر لیں، کاش ہماری آنکھیں کھل جائیں

    کھول دے بہر خدا اپنی بھی سرکار آنکھیں (شاہین رضوی)

  30. محترم قاضی صاحب قبلہ !
    میں نے اپنا اوپر درج تبصرہ لکھتے وقت آپ کا آخری تبصرہ نہیں پڑھا تھا، کچھ آگے پیچھے پوسٹ ہوئے یہ دونوں تبصرے.

    حضور ! آپ ماشاء اللہ ہم سے زیادہ جہاں دیدہ اور تجربہ کار ہیں، اس حقیقت کا اظہار آپ کی تحریروں سے بخوبی ہوتا ہے، جہاں تک تعلق ہے کمیء علم اور بے اثریء قلم کا جو آپ کے ان موضوعات پر لکھنے میں حائل ہے، تو عرض ہے کہ اگر آپ جیسے بزرگ استاد ایسا کہیں گے تو مجھ جیسا طفلِ مکتب (کم از کم آپ کے سامنے) تو کسی بھی موضوع پر کبھی کچھ کہنے کی جسارت کرے ہی نہ، میں تو بے دھڑک جو جی میں آتا ہے لکھ دیتا ہوں، نہ کبھی اپنی کمزور اردو کی پروا کی نہ لاعلمی کی، جس کا اعتراف البتہ بار بار کرچکا ہوں-

    آپ کا درج بالا تبصرہ بھی میرے لیے پند و نصائح کا ماخذ ہے، مجھے یہ سب کچھ کہنے کا کوئی مادی فائدہ ہرگز نہیں، صرف علمی فائدہ حاصل کرنے کے لیے عرض کر رہا ہوں، استدعا ہے کہ ادب و شاعری کے ساتھ ساتھ ایسے موضوعات پر بھی ہمیں مستفید ہونے سے محروم نہ کیجیے (جو یقیناً دوسرے کسی بھی موضوع سے کم اہم نہیں).

    میں آپ کے درج بالا تبصرے پر تبصرہ تو نہیں کرسکتا لیکن صرف ایک بات ضرور عرض کروں گا کہ ایک مثال آپ نے بڑی زبردست دی، طالبان اور القائدہ کی مثال حسن بن صباح کے علاوہ تاریخ میں شاید اور کوئی ہے بھی نہیں، عین وہی طریقہء کار، وہی جنت کے لالچ اور انہی مقاصد کا حصول (قتل و غارت گری) صرف نقلی جنت (قلعہ الموت) نہیں بنوائی گئی لیکن باقی کام بالکل وہی ہیں-

  31. محترم عبدالمناف غلزئی صاحب کا مشکور ہوں کہ وہ میری ہمت افزائی کرتے ہیں مگر بزرگی بہ عقل است نہ بہ سال کے مقولے پرہقین رکھتے ہوئے میں ہر اس انسان کی قدر کرتا ہوں جو مجھ سےعمر میں کم ہو مگر علم کے معاملہ میں مجھ سے بر تر ہو۔
    میرا بیٹا پی ایچ ڈی ہے اس لیے میں اس کے علم کی قدر کرتا ہوں اور اس لحاظ سے اپنے آپ کو اس سے کمتر محسوس کرتاہوں
    ۔
    اللہ آپ سب کے علم میں مزید اضافہ کرے اور اپنے علم سے دنیا میں روشنی پھیلانے کی صلاحیت کو برقرار رکھے آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *