آج کیوں نہ اپنے اپنے حصے کا اعتراف کریں

kursi
اعتراف بھی عطائے پروردگار ہے اور یہ وصف بھی وہ بینا انسان کو یا پھر آئینہ صفت کو دیتا ہے.میں اکثر لکھتا بھی ہوں اور اپنی تقاریر میں کہتا بھی ہوں کہ میرے تجربے اور مشاہدے کے مطابق سب سے زیادہ منافق دو طبقے ہیں.ایک اہل قلم کا اور دوسرا خطیبوں اور منبر نشینوں کا.یہ دونوں طبقے جو کہتے ہیں نوے فیصد سے زیادہ اس پر عمل نہیں کرتے،جیسے دوسروں کے لیئے کہتے ہیں اپنے لیئے نہیں. میں شاید اسی وجہ سے نہ اہل قلم میں شامل ہوں اور نہ ہی منبر نشینوں میں. میں جیسے اپنا دشمن خود ہوں. جو لکھتا ہوں اور جو کہتا ہوں،اس پر جب جب عمل کرتا ہوں زخم پر زخم کھاتا ہوں.مطعون ہوتا ہوں.اپنوں کے ہاتھوں بھی اور ان کے ہاتھوں بھی جو شکر ہے میرے اپنے نہیں. لیکن اللہ گواہ ہے مجھے کوئی شکوہ نہیں.کیکر پر انگور تو جینیاتی زراعت بھی نہیں اگا سکی.
آئیے آج ذرا روایتی اور بے عمل اہل فکر و قلم کے خول سے باہر نکلیں اور کم از کم ایک اعتراف اپنے بارے میں کریں.منفی یا مثبت. لیکن پوری ایمانداری اور سچائی سے. کسی کی خوشی یا ناراضگی کی پرواہ کیئے بغیر. اپنے اللہ کو حاضر وناظر جان کر.
لیجئے پہلا پتھر میں اپنی طرف پھینکتا ہوں. مجھ میں اتنا حوصلہ ہے اور یہ حوصلہ مجھے میرے قلم نے عطا کیا ہے.
میرے پاس کرنے کو درجنوں اعترافات ہیں.لیکن جوں جوں بلاگ آگے بڑھے گا،مسلسل اعترافات کرتا رہونگا.تاکہ سکون کے ساتھ اور ہلکا ہو کر اگلے سفر کو جا سکوں
…………….
مجھے اعتراف ہے کہ میں کم علم انسان ہوں
مجھے اعتراف ہے کہ میں دوست نہیں بنا سکتا
مجھے اعتراف ہے کہ میں انتہائی غصے والا انسان ہوں
مجھے اعتراف ہے کہ میں جھوٹ بولتا ہوں
مجھے اعتراف ہے کہ میں کامل طور پر باعمل نہیں
مجھے اعتراف ہے کہ میں گناہ آلود ہوں.کور چشمی کی گرد میں اٹا ہوا ہوں
مجھے اعتراف ہے کہ میں اپنے کتنے ہی فرائض پورے نہیں کر پاتا
مجھے اعتراف ہے کہ مجھ میں معاف کرنے کا مادہ بہت کم ہے
مجھے اعتراف ہے کہ مجھ سے منافقت برداشت نہیں ہوتی
مجھے اعتراف ہے کہ میں ملاں اور ملائیت کا کھلم کھلا دشمن ہوں
………………………
یہ تو ابھی کتاب اعتراف کے پہلے باب کا صرف پہلا صفحہ ہی لکھا ہے. لکھوں کا اور بھی لکھوں گا. لیکن ذرا آپکو بھی تو دیکھوں کہ کیا اعتراف کی ہمت ، طاقت ہے آپ میں؟

57 thoughts on “آج کیوں نہ اپنے اپنے حصے کا اعتراف کریں”

  1. آصف بھائی،ملائیت پروفیشن یا پیشہ نہیں بلکہ ایک رویہ ہے بلکہ زہریلا رویہ جو کسی انجینئر،سائیس دان،فلاسفر میں بھی ہو سکتا ہے

  2. آصف نے کتنی پیاری بات کی ہے کہ “دراصل شدت پسندی ایک نظریہ ہے یہ جس کے دماغ میں بھی سما جائے چاہے وہ کسی طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھتا ہوں ، کسی بھی مذہب یا مسلک کا حصہ ہوں وہ پھر صرف شدت پسند بن جاتا ہے ، اسی لیے میں نے اعتدال پسندی کی بات کی تھی ۔
    ہمیں کسی کے لئے کوئی بھی رائے بناتے وقت اس بات کو ضرور مد نظر رکھنا چاہیئے

  3. صفدر بھائی میں تقاضہ محبت کے تحت بھی کبھی کسی کی حمایت نہیں کرتا ورنہ تو اسلام آباد میں ہوتا۔ حق یہ ہے کہ آپ عظیم انسان ہیں۔ باطن کی بات تو اللہ جانتا ہے۔ مگر ہم تو ظاہر پر ہی بات کر سکتےہیں اور وہ یہ ہے کہ آپ ہر قسم کی طمع سے بلند ہیں، ہر قسم کی فرقہ واریت سے بلند ہیں،منافقت سے بلند ہیں۔ صاف گوئی آپ کا شیوہ ہے کیا یہ آنکھ والوں کے لئے کافی نہیں ہے؟

  4. بہن نگہت شکریہ مگر فقیر گدڑی میں ہی محفوظ رہتا ہے اگرگدڑی اتر جا ئے تو اسے بلا ئیں گھیر لیتی ہیں؟

  5. بہن شاہین اور بھائی آصف بہت بہت شکریہ آپ دونوں بہت ہی اچھے ہیں میں خاموشی دیکھتا رہتا ہوں کہ ہر اچھی بات آپ دونوں لکھتے رہتے ہیں۔ مگر کیا ہی اچھا کہ آپ بھی میری طرح انہیں (ص)کی طرف دیکھیں جن کی طرف میں دیکھتا ہوں تو راہ ِراست آپ کے لیئے آسان ہو جائیگی۔

  6. مجھے اپنی کم علمی کا ” اعتراف” ہے اس لیے میں اس انتہائی عالمانہ بلاگ میں حصہ نہیں لے سکا : بس جزاک اللہ کہہ کر اجازت چاہونگا۔
    اللہ ہم سب کو نیک توفیق عطا کرے اور ہم سب کا انجام بخیر کرے اور اسکے بعد ہماری آخرت بھی بخیر کرے: آمین ، ثمہ آمین ، یارب العالمین؛ اس بلاگ میں حصہ لینے والے تمام مبصروں کو سلام اور مبارکباد : پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی فتحیابی پر مبارکباد ، پاکستان کے یوم تاسیس پر مبارکباد :
    اللہ حافظ و نگہبان
    منظور قاضی
    میونخ جرمنی سے

  7. السلام علیکم
    محترم جناب شمس جیلانی صاحب ! ممکن حد تک کوشش تو کرتا ہوں ، اور انشاء اللہ آئیندہ مزید کوشش کرونگا ۔ رہنمائی کے لیے آپ کا بہت بہت شکریہ ۔
    آصف احمد بھٹی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *