
پاکستان میں کو ئی کسی کے تہواروں کی تذلیل نہیں کرتا ، لیکن یہ سچ ہے کہ جتنا ویلنٹائن ڈے کو ہر سال مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ کسی اور تہوار کو نہیں کرنا پڑتا ۔ سوچ میں ہوں کہ آج کے دن پر کیا کہا جائے ۔ تاریخ بتاتی ہے آج کے دن سینٹ ویلنٹائن کو قتل کروا دیا گیاتھا جو محبتوں کا امین جانا جاتا تھا ۔ یعنی ایک طرح سے اس دن کو یوم احتجاج بھی تو کہا جا سکتا ہے ۔۔ لیکن شائد یہ حسن ظن کی بات ہے یا محبت کی طاقت ہے کہ ایسا نہیں ہوا اور محبت جیسے لافانی جذبے کو جس طرح رنگ رنگ کے پیرہن پہنائے گئے کہ اسے دنیا بھر میں ایک تہوار کی حثیت مل گئی ۔۔ آپ کیا کہتے ہیں کہ اسے بھی مدرز ڈے ، فادرز ڈے ، بسنت جیسے تہواروں کی طرح قبول کر کے اس کا حصہ بن جائیں یا آنکھیں بند کر لیں کہ جو ہوتا ہے ہونے دیتے ہیں اور کچھ بھی نہ کہیں ۔۔ یا پھر شدید مخالفت ۔۔۔۔

لو جی۔ اب کیا محبت اور اسکے اظہار کے لیئے کسی دن کا سہارا لینا پڑے گا۔ عالی جناب جو دن اس روئے زمین پر محبت سے خالی ہو گا وہ تقویم ماہ وسال سے منہا ہو گا۔ محبت تو سانس ہے اور جسم سانس کے بغیر خالی پنجرہ۔ ہمارے ہاں تو روز یوم محبت ہے۔ ارے بھئی یہ محبت کوئی محبوبہ یا لڑکی لڑکے کی محبت تک محدود ہے
میرے والد مرحوم مصطفیٰ علی ھمدانی کا شعر ہے
محبت عقد پرویں ہے اسے افلاک میں ڈھونڈھو
محبت کیمیا ہے کربلا کی خاک میں ڈھونڈھو
ہمارے لیئے تو ہر نیا دن یوم محبت ہے لیکن اگر کوئی اسے سالانہ بنیاد پر منانا چاہتا ہے تو اسے حق ہے اسے سالانہ منانے دیجئے یہ کم از کم اس سے تو اچھا ہے جو محبت سے عاری ہے۔
بھئی آج موقع بھی اور دستور بھی تو کیوں نہ آپ ساری بلاگ فیملی کو ذرا دل مضبوظ کر کے ایک بار کہہ دیا جائے کہ۔۔۔۔۔۔۔ آئی لو یو آل اینڈ آئی مین اٹ۔۔۔۔۔۔۔۔
میری امی جی نے لندن سے فون کر کے مجھے لکھوایا ہے کہ “ محبت ہی اسلام کا پیغام ہے ۔۔انسانیت کے پیغام میں بھی محبت ہی کی یاد دہانی کے ساتھ ساتھ حسن سلوک کی تلقین ہے ۔ گو کہ اسلام میں اس رسم کی کوئی گنجائش نہیں ہے لیکن محبت اور اس کے اظہار کے بغیر اسلام مکمل بھی نہیں ہوتا ۔۔ اگردنیا داری کو نبھاہنے کے لیئے لوگوں کو محبت کی یاد دہانی اسی طریقے سے کرنی پڑ جائے تو ویلنٹائن ڈے کو برا بھی نہیں کہا جا سکتا ۔۔ بس میری یہی تمنا ہے کسی بھی طریقے سے ( چاہے ایک ہی دن کے لیئے) سب امن و محبت سے رہیں اور ہمیشہ رہنے کی دعائیں کریں ۔۔۔ میری دعا آپ سب کے لیئے ہے ۔۔کہ ۔۔ سلامت رہیں اور اپنے گھروں میں اللہ پاک کی پناہ میں شاد و آباد رہے ۔۔آمین
پیاری امی جی ہیپی ویلنٹائن ڈے ٹو یو ۔۔۔میری عمر بھی آپ کو لگے ۔۔ آپ کی دعاؤں سے ہماری زندگیوں میں خوشیاں اور برکتیں ہیں ۔۔۔سلامت رہیں ۔۔آپ کا سایہ شفقت ہمارے سروں پہ تا حیات رہے ۔۔آمین
آنجہانی انکل ویلنٹائن کی ناگہانی موت نے تو پارک اور تفریحی مقامات آباد کردیے نوجوان (سب نہیں) ایک ٹکٹ میں دو مزے لوٹنے جاتے ہیں (معذرت طلب کرے میری جوتی) اب نیک بچیاں اماں باوا سے خصوصی اجازت لے کر ثمینہ نگینہ مرینہ کی آڑ میں کمینہ سے ملنے جاتی ہیں ۔ مگر چھوٹی منی گڈی یا چھوٹا منا گڈا جو اپنے آپ کو سنبھالنے سے قاصر ہے بحیثیت باڈی گارڈ ساتھ چلا جاتا ہے اور کام خراب کردیتا ہے اس کا قلعہ قمع (دھیان بٹانے ) کرنے کے لیے جب اس کو اس کی توقع سے بڑھ کر چیز پکڑائی جاتی ہے تو وہ دعا کرتا ہوگا کہ ہر دن چاچا ویلنٹائن کا دن ہو۔ اس تہوار کی صریحآ مخالفت کرکے مجھے کیا ملے گا کہ میں اب دشمنیاں مول لینے کی اسڑونگ پوزیشن میں نہیں ہوں ہاں برائی کو دل میں برا کہ رہی ھوں مگر اب دل دیکھتا کون ہے؟ اس خود ساختہ(بلکہ ناجائز،غلط،فتویٰ لائق،غیراسلامی، تہوار سے تو بہتر ہے کہ ہمارے چار دن کے عاشق نوجوانوں کو بتایا جائے کہ محبت بلکہ حقیقی محبت کیا ہوتی ہے؟ محبت کا مفہوم کیا ہے؟ وقت گذاری اور محبت میں کیا فرق ہے؟ ماں باپ بہن بھائی رشتہ دار یا قرب و جوار میں رہنے والوں پر آپ کا کیا حق ہے؟ہمارے ہاں تو وطن عزیز سے بھی محبت کے خاص اظہار کے لیے ایک دن ہی مخصوص ہے ۔ اگر روز ویلنٹائن منانا اتنا ضروری ہے تو آپ قومی آمدنی بڑھانے اورتاریخی محبتوں سے آگاہی کی غرض سے لیلیٰ مجنوں ڈے ، عذراوامق ڈے ۔سسی پنہوں ڈے ، مرزاصاحبہ ڈے،ہیر رانجھا ڈے ۔شیریںفرہاد ڈے،عمر ماروی ڈے، امل و ماہ گنج ڈے بھی منایا جائے اور ان کو تعلیمی و قومی نصاب کا حصہ بنایا جائے (باقی مرضی ہے )کون سا حکمرانوں نے غریب عوام کا مشورہ قبول کیا ہے،
ویلنٹائن ڈے … ہمارا یوم محبت اور عید محبت نہیں
یہ عید منانا کیسا ہے
یہ یوم محبت کس کا ہے
اپنا ہے یا غیروں کا؟
گر اپنا ہے تو ہر مسجد سے
کیوں اس کی صدائیں آتی نہیں؟
کیوں دین کے مصدر و ماخذ کے
سب پنے اس سے خالی ہیں؟
کیوں مائیں اپنے بچوں کو کبھی اس کی گھٹی پلاتی نہیں
کیوں بہنیں اپنے بھائیوں کو ، اس دن کی لوری سناتی نہیں
یہ بات عیاں ہے ظاہر ہے یہ عید ہمارے عید نہیں
جب مان لیا ہم سب نے کہ
نہ یوم محبت اپنا ہے ، نہ عید ہماری عید ہے یہ
پھر اس کا اتنا شور ہے کیوں؟
اس دن کو منانے کی خاطر ، پھر اتنا زیادہ زورہے کیوں
ہم اپنے رب کی بغاوت میں، کیوں ان سے محنت کرتے ہیں
کیوں پیار کے جھوٹے پردے میں ، اقدار کا سودا کرتے ہیں
کچھ ہوش کرو اے اہل وطن ہم کیسے زندہ رہتے ہیں
ہر سمت یہاں پر لاشیں ہیں، ہر آنکھ سے آنسو بہتے ہیں
بس جرم ہمارا غفلت ہے، جو مال و جاہ سے الفت ہے
غیر اللہ کی تقلید یں ہیں اور اپنے رب سے بغاوت ہے
گر چاہتے ہیں ہم کہ دن بدلیں، چہروں پے ہنسی کے پھول کھلیں
تو آو چلو گھر رب کے چلیں
کریں توبہ اپنے گناہوں کی اور درپے اپنے رب کے گریں
نہ یوم محبت اپنا ہے نہ عید ہماری عید ہے یہ
مت کھانا دھوکہ مغرب سے راجہ کی تاکید ہے یہ
رخسانہ پلیز آواز میں دھیما پن ہو تو دھیان سے سنی جاتی ہے اور الفاظ حد ادب کا تقاضاپورا رکھیں تو مطلب زیاد واضح ہوتا ۔۔ میں سب کو سمجھاتی ہوں کہ سچ کہنے اور بدتمیزی میں بال برابر فرق ہوتا ہے ۔۔۔۔ جیسے تم نے لکھا “ (معذرت طلب کرے میری جوتی)“ اگر تم نے یہی مخفالفت اچھے طریقے سے کی ہوتی تو مجھے اچھا لگتا ۔۔ یہاں پر میری امی جی اور میرے بابا نے بھی لکھا ہے اور جانے کتنے اور محترم لوگ یہاں لکھیں گے اور پڑھیں گے ۔۔وہ کیا سوچیں گے کہ ۔۔۔۔؟ اچھا نہیں لگتا ۔۔ اگر میری بات تمہیں اچھی نہ لگی ہو تو دلی معذرت ۔۔
جب مان لیا ہم سب نے کہ
نہ یوم محبت اپنا ہے ، نہ عید ہماری عید ہے یہ
پھر اس کا اتنا شور ہے کیوں؟
راجہ بھائی یہی تو پوچھ رہی ہوں کہ آخر اتنا شور کیوں ہے ؟
اچھا موضوع چھیڑا ہے آپ نے اور پھر آغا جانی کے بعد کچھ کہنے کی ضرورت تو نہیں رہ جاتی۔ پورے مضمون کو ان کے والد گرامی جناب مصطفیٰ علی ہمدانی اعلی اللہ مقامہ نے کس خوبصورتی سے شعر میں ڈھال دیا ہے۔ پھر بڑوں کی بات تو واقعی بڑی ہوتی ہے، آپ کی والدہ صاحبہ نے جس خوبصورتی سے بات کھول دی ہے، اس سے ہمیں تو یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ آپ کس گود کی پلی ہیں۔ محبت ہی تو اسلام ہے۔ پھر چلیں مان لیا کہ یہ غیر اسلامی رسم اس لحاظ سے ہے کہ اسلام کے تقویمی نظام میں اسکا ذکر کہں نہیں ملتا، لیکن اسکی مخالفت بھی تو کہیں نہیں ملتی۔
آج ہم نجانے کیا کچھ اسلام کے نام پر اسلام میں داخل کر چکے ہیں جس نے دنیا بھر کو ہم سے مایوس بھی کر رکھا ہے، لیکن کیا ایسا ممکن نہیں کہ اگر ہم دنیا کی اچھی باتوں کو اپنے اندر جذب نہیں کر سکتے تو کم از کم انہیں رد بھی نہ کریں۔ مغرب نے محبت کو صرف مرد و زن کے جنسی تعلقات تک محدود کر دیا ہے تو ہم بھی اس لفظ کو اسی زاوئیے سے ہی دیکھنا چاہتے ہیں۔ لیکن اس کے حقیقی معانی تو اس کہیں بڑھ کر ہیں۔ سلامتی و امن کا یہ دین تو جہان بھر کو درس محبت دینے آیا تھا، جہاں وجہ وجود کائینات کی گردن پر اونٹ کی اوجھری پھینکنے والی کی بھی مزاج پرسی کی جاتی ہے، یہاں تو فارس کے سلمان کو سلمان محمدی بنا دیا جاتا ہے، اور بلال حبشی کے احترام میں طلوع شمس میں تاخیر ہوجاتی ہے۔ حسین ابن علی کہیں اٹھارہ برس کے جوان بیٹے کی لاش پر منہ فرط محبت میں رکھ دیتے ہیں یا جون غلام کی لاش پر منہ رکھ کر دعا کرتے ہیں۔ غلام اس کوشش میں کہ حد مالک و غلام قائم کر سکے اور علی اس کوشش میں نظر آتے ہیں کہ قنبر کو اسکی جوانی کے زیب لباس لے دیں، حر لشکر یزید میں راہ امام مسدود کرتا ہے تو فوج حسینی اسے پانی پلاتی نظر آتی ہے، مرحب کی بہن اسکی لاش پر یہ کہتی سنائی ملتی ہے کہ میں خوش ہوں کہ تیرا قاتل غیرتمند تھا اور تیری لاش پامال نہ کی، عمار یاسر کو علی ابن ابیطالب کا ترجمان سمجھا جاتا ہو اور خیلفہ شام جائے تو آقا پیدل نظر آتا ہے اور غلام سوار۔۔۔کہنے کا مقصد یہ ہے کہ محبت کا ایک پہلو یہ بھی تو ہے نا۔ کیا ہم اسی دن کی مناسبت سے ہی سہی، زمانے کو اسلام کی محبت کی یہ جہتیں متعارف نہیں کرا سکتے؟
ہم سال بھر میں ایک دن، ایک ساعت یا ایک دقیقہ اسلام کی ان عالی اقدار کو زندہ کرنے کی سعی کر لیں تو شاید ولنٹائن ڈے سے ہم بھی کچھ حاصل کر پائیں گے۔
واہ سبحان اللہ ۔۔ مصباح بھائی آپ نے تو میرے دل کی بات کہہ دی “ کیا ہم اسی دن کی مناسبت سے ہی سہی، زمانے کو اسلام کی محبت کی یہ جہتیں متعارف نہیں کرا سکتے؟ “ جیو میرے بھائی ۔۔ جوانیاں مانو(میری جنت مکانی بی بی جی کی دعا جو وہ اپنے بیٹوں اور بھائیوں کو ہر وقت دیا کرتی تھی )۔۔ خوش و خوشحال رہو ۔۔آمین
راجہ اکرام صاحب نے فرمایا کہ
گر اپنا ہے تو ہر مسجد سے
کیوں اس کی صدائیں آتی نہیں؟
تو بھئی عرض یہ ہے کہ جو مسجد سے صدائیں آتی ہیں، ان سے اللہ بچائے۔ دین ملا فساد فی سبیل اللہ کے سوا ہے ہی کیا، مسلمانوں کو ہی فرقہ بندی میں تقسیم کرتے دل نہ رجا تو اب کفر کفر کی صدائیں آنے لگی ہیں، مائیں اپنے لالوں کی گمشدگی کی رپٹ تھانے میں لکھواتی ہیں اور گمشدہ کا سر خود کش دھماکے کی جاء سے جا ملتا ہے۔ اسلام نہ تو مادر پدر آزاد محبت کو علمبردار ہے اور نہ ہی ہم اس کے قائل ہیں۔ اسی طرح اسلام ملا کی کفر بندیوں سے بھی نا خوش و بیزار ہے اور یہ تو دلوں کو جوڑنے کا دین ہے۔ ضروری تو نہیں کہ ہم ویلنٹائین ڈے پر وہی کچھ کریں جو مغرب چاہتا ہے، کیوں نہ ہم اسلام کی اقدار کو حیات نو دے دیں۔
کیوں نہ آج فیصلہ کریں کہ کم از کم ہم ایک دوسرے سے بحث میں ذاتیات پر نہیں اتریں گے، کم از کم آج کے دن؟
ضرور بھائی کیوں نہیں ۔۔ میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ آج کے دن سے اپنی پوری کوشش کرونگی کہ کسی بحث میں ذاتیات پر نہیں اترونگی ۔۔ انشاللہ ۔۔ اللہ پاک میری توفیقات میں برکت عطا کر دے ۔۔آمین ۔۔ میرے لیئے دعا کیجئے گا ۔۔
آج کے دن پر آپ ہی کا ایک شعر
دیتا رہا جو جان کے دشمن کو بھی دعا
درکار پھر ہے آج وہ سیرت رسول کی
بے شک وہی سیرت رسول صلی اللہ علیہ و سلم درکار ہے لیکن
نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے یہود و نصاری کی مشابہت سے بچنے کے لئے عاشورہ کے ایک کے بجائے دو روزے رکھنے کا حکم دیا اور وجہ یہ بتائی کہ ان کے ساتھ مشابہت نہ ہو.
تو کیا ہم اس دن کوئی بھی اس طرح کی سرگرمی کر کے ان سے مشابہت کے ذمہ دار نہیں ٹھہرتے.
بعض کام اپنی ذات میں غلط یا برے نہیں ہوتے بلکہ بعض خاص اوقات ان میں کا کرنا مذموم ٹھہرتا ہے. اسلام سراسر محبت ہے، بلکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تو فرمایا کہ “المؤمن مالف و لا خیر فیمن لا یالف ولا یولف” کہ مومن تو سراسر سراپا محبت ہے، اور اس میں کوئی خیر نہیں جو نہ محبت کرتا ہے اور نہ اس سے محبت کی جاتی ہے…
لیکن یہ محبت اسی دن ہی کیوں؟ انہی کے انداز میں کیوں؟ ان کی سوچ کو تقویت پہنچانے کے لئے کیوں؟
اور ویسے بھی اسلام کی محبت کسی ایک دن کی محتاج نہیں، ہمارا تو ہر دن یوم محبت ہے ہر روز عید محبت ہے.
میرے خیال میں ہمیں اس پہلو سے بھی سوچنا چاہیئے.
یہ میری رائے ہے باقی اہل علم اس حوالے سے رہنمائی کر سکتے ہیں ..
ہائے ہائے میرے وہم و گمان میں بھی نہیں کہ میرا جملہ اتنا سخت ثابت ہوگا یہاں معذرت کرنا میرا فرض ہے اور وہاں مضمون کی مناسبت سے میں ان جوانوں سے مخاطب تھی جو خوشی خوشی اس دن کو مناتے ہیں ان سے معذرت کرنے کو دل نہیں چاہا اور نتیجتآ سب غلط بلکہ غلط سلط ہوگیا اب کوئی ہے جو اس گستاخی پر ہمیں معافی دے شاید اس لیے کہتے ہیں کہ زیادہ ترنگ بھی درست نہیں لیجیئے اب ہم نے چپ سادھ لی
لو جی رخسانہ جی ہو گئی معافی۔ یہ بھی کوئی بات ہے۔ اصل دلیری اور بہادری تو معذرت کرنا ہے۔ تو ہاتھی کے پاؤں میں سب کا پاؤں۔ میں سب کی طرف سے خاص طور پر ہیڈ ٹیچر ڈاکٹر نگہت کی طرف سے آپکی دل معذرت قبول کرتا ہوں، قبول۔قبول۔قبول۔۔۔۔اور پھر مبارک،مبارک،مبارک
ہاں سنو رخسانہ۔۔۔۔چپ ہونے پر معاف نہیں کیا جاسکے گا۔
بھاءیوں بہنوں نگہت بہن نے بہت اچھا اور بر وقت مو ضوع چھیڑا ہے۔اللہ خوش رکھے۔ صفدر بھاءی محبت کے اظہار کے لیءے ویسے صرف آنکھیں ہی کافی ہو تی ہیں ۔ جن سے محبت یا نفرت پڑھ لی جاتی ہے ۔ انسان تو صاحب عقل مگر جانور بھی پڑھ لیتے ہیں۔
مگر دنیا اتنی مصروف ہے کہ اسے اب اظہار ِ محبت کی بھی فرصت نہیں ہے۔ اور کچھ لوگوں نے آنکھوں پر چشمے بھی لگا ءے ہوءے ہیں ۔ لہذا دن منانے سے یاد دہانی ہو جاتی ہے کہ یہ کام بھی کرنا ہے۔
یوم محبت؟
محبت کا یوم. محبت سے انکار نہیں مگر یار لوگ یوم محبت کا جو مطلب بتاتے ہیں وہ ماں، باپ ، بھائی، بہن اور دیگر کے درمیان محبت نہیں ہے. اور جن کے درمیان ہے اور قابل ستائش ہر گز نہیں.
اچھا ہو کہ میڈیا ایسے دن کو پرموٹ نہ کرے یوں مزہبی اختلاف کی شدت بھی کم ہو جائے گی کیونکہ وہ رد عمل کا نتیجہ ہے، ایسا ہمارے یہاًں ہی نہیں اس علاوہ بھی مغربی ممالک سمیت کئی اور آپ کو اس کی مخالفت نظر آئے گی. اس کو اصل میں منانے والوں نے بھی اسے اُس عام محبت کے کے معنوں میں نہیں لیا جس میں ہم اس کے منانے کی دلیل کے طور پر لیتے ہیں.
اگر ہم نوجوان لڑکی و لڑکی کی محبت نامی جذبے کے تحت بننے والے رشتے کو جائز سمجحھ لیں تو یہ دن بھی جائز ہے ورنہ یہ کسی طور پر نہیں.
# شعیب صفدر نے کہا ہے:
February 13, 2010 بوقت 8:37 pm
اگر ہم نوجوان لڑکی و لڑکی کی محبت نامی جذبے کے تحت بننے والے رشتے کو جائز سمجحھ لیں تو یہ دن بھی جائز ہے ورنہ یہ کسی طور پر نہیں.
سلام مکرمی شعیب صاحب
بات آپ نے بڑی پتے کی کی ہے. اگر اس محبت کے تحت بننے والے رشتے یا اس سرگرمی کو جائز سمجھ لیں تو یہ دن منانا بھی جائز ہے..
اور ویسے بھی ویلنٹائن کے بارے میں جو قصے مشہور ہیں شاید ہی کوئی سلیم الفطرت انسان یہ پسند کرے کہ اس کی بہن یا بیٹی خدانخواستہ ایسے کسی کردار کا حصہ بنے. کیوں کہ یہ دن محض دن نہیں ہوتے، بلکہ ان کے ساتھ ایک تہذیبی ورثہ ہوتا ہے جو چاہے ایک فیصد ہی سہی لیکن نوجوانوں کے ذہن پر کچھ نہ کچھ اثرات ضرور چھوڑتے ہیں چاہے ہم اپنے طور اسے کتنا ہی پاکیزہ دن کیوں نہ منائیں..
یہ میری رائے ہے.
و السلام
اسلام و علیکُم ،،پاکستان میں تو ہر بات کا شور ہوتا ہے کسی بھی بات کی کوئی وجہہ نہیں پر پھر بھی شور ،،
فضا میں ایک عجیب سا سر ماگئی سی گیت سنائی دیتی ہے جو دل والو کے لے محبّت بھرا پیغام ہے اور جن کو شور لگتا ہے ان کو ہضم نہیں ہوتا یہ محبّت پھری فضا ،،
ہماری قوم تو ویسے بھی اس انسان کے جانے کے بعد ہی اس کے گن گاتے ہیں ،،،، وہ بہت اچھا تھا ،،،، اب بھائی سینٹ ویلنٹائن کو ہی لے لے وہ بیچارے قتل کر دے گے اور اب ان کا دن پوری دنیا میں جوش و خروش سے منایا جارہا ہے ،یہ انصاف ہے کیا ؟؟
محبّت کے لے کوئی دن تہوار مقرر نہیں ہے، کبھی بھی وقت اس کا اظھار کیا جاسکتا ہے ،امی جی آپ نے کتنی پیاری بات کی ،،، اگردنیا داری کو نبھاہنے کے لیئے لوگوں کو محبت کی یاد دہانی اسی طریقے سے کرنی پڑ جائے تو ویلنٹائن ڈے کو برا بھی نہیں کہا جا سکتا ۔۔،،،، میرا ہر دن ویلنٹائن ڈے ہے چایے وہ امی جی ،ابّا جی اپنی اولاد سے ہو یا بھن بھائیوں سے ہو ،، دوستوں سے ہو
i love so much all of you
العجل یا امام (ع) دیکھیے تو صحیع کتنی دیر سے اپ کے لیئے یہ کنیز ہاتھ میں گلاب لیئے کھڑی ہے۔۔۔۔۔
السلام علیکم
بہت دنوں کی غیر حاضری کے بعد حاضر ہوا ہوں ، اور یہ بھی نہیں جانتا کہ اب دوبارہ کب آ پاؤنگا ، میں ذاتی طور پر ہر اُس تہوار اور جذبے کو پسند نہیں کرتا جو ہماری تہذیب سے مطابقت نہیں رکھتے یا جنہیں ہم نے اقوام مغرب سے غیر اخلاقی طور پر درآمد کیا ہے اور میرے پاس اپنے موقف کی تو جیح میں دلائل بھی ہیں ممکن ہے آپ میں سے بہت سے احباب میری باتوں سے اتفاق نہ رکھیں مگر مجھے اپنی نصف بہتر سے محبت کے اظہار کے لیے سال کے کسی ایک مخصوص دن کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ، ہر روز دن کے کسی بھی حصے میں یا رات کے کسی بھی پہر ہزاروں میل دوری کے باوجود میں جب چاہوں ایک فون کے زریعے اپنے جزبے کا اظہار کر دیتا ہوں ، بہت سے احباب یہ کہیں گے کہ یہ دن صرف اپنی نصف بہتر (مرد یا عورت ) یادوست ( مرد یا عورت ) سے اظہار محبت کے لیے مخصوص نہیں ( حالانکہ وہ بھی بہتر جانتے ہیں کہ اُن کی یہ دلیل کس حد تک بنیاد رکھتی ہے ) اور اگر اِس بات کو مان بھی لیا جائے تو بھی محض آج کے دن کو ہی مخصوص کر لینا کسی بھی طرح درست نہیں ، اگر ہم آج کے دن کو محبت کا عاملی دن مان بھی لیں تو کیا آج ہر انسان کو محبت ملے گی ؟ کیا آج ہر انسان دوسرے کی غلطیوں پر در گزر کرنے کی ہمت کرے گا ؟ اور کیا آج زبانوں سے صرف پھول جھڑتے رہینگے ؟ یقینا ایسا کچھ بھی نہیں ہو گا ، اور یہ کوئی قدرت کا اعلان بھی نہیں ، اگر فطری طور پر محبت کا کوئی عالمی دن مخصوص ہوتا ( چاہے اُس دن کوئی بھی تاریخ ہوتی ) تو یقینا اُس مخصوص دن سورج کا رنگ گلابی ہوتا ، اُس رات پورا آسمان دودھیا چاندنی سے منور رہتا ، کوئی حادثہ نہ ہوتا ، کسی کی سانسوں کی ڈوری نہ ٹوٹتی ، اور نہ کوئی کسی کے دُکھ میں آنسو بہاتا ، آج کے دن ایسا کچھ بھی نہیں ہوگا ، پچھلی رات بھی عام راتوں جیسی تھی اور سورج مخصوص وقت پر اور مخصوص سمت سے یونہی شعلہ رنگ طلوع ہوا ہے ، کئی لوگ زندگی سے رشتہ توڑ گئے ہیں اور کئی آنکھیں اپنے پیاروں کی انتظار میں بھیگی بھیگی ہی رہی ہیں ۔
یہ درست ہے کہ جو لوگ کسی حد تک آج کا دن مناتے ہیں وہ اپنے کچھ روٹھے ہوؤں کو منانے میں کامیاب ہو جائینگے ، خوبصورت اور خوش رنگ پھولوں کی فروخت کئی گنا بڑھ جائیگی، خوبصورت اور نفیس پیکنگ میں ملفوف چاکلیٹ کے تحفے لیے اور دئیے جائینگے ، اور ڈیٹس کے لیے جھوٹ بول کر باغیچوں اور ریستورانوں کی رونق بڑھائی جائیگی ، اخلاق سے گری ہوئی حرکتیں ہونگی اور شام تک سب کچھ پھر اپنی معمول پر آجائیگا، سارا جوش جھاگ کی طرح بیٹھ جائیگا ، کیا یہ اصول محبتوں کی پائیداری کے ضامن ہیں ؟
یہ سب کتنا ہی غلط سہی مگر اپنے بچوں کو اِس سب سے روکنے کے لیے ہم جو طریقہ اختیار کرتے ہیں وہ خود بھی نہایت ہی غیر مناسب ہے ، اگر ہم لوگ اپنے بچوں کی تربیت بہترین اخلاق پر کریں تو کچھ شک نہیں کہ وہ خود ہی اچھے اور برے کی تمیز کرلینگے ، وہ خود ہی اِن آلائشوں سے باز رہینگے ، اور ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہوگی ۔
آصف احمد بھٹی
جی آیاں نوں آصف بھائی ۔۔ کیسی رہی آپ کی چھٹی ۔۔ آپ کو زرا بھی تو ہم لوگ یاد نہیں آئے ۔۔ کہہ کر گئے تھے آپ کہ کھبی کھبار ضرور لکھیں گے ۔۔ اور ہم سب انتظار ہی کرتے رہ گئے ۔۔۔
السلام علیکم
آپی کیسی چھٹی ؟ میں تو کام کی مصروفیت کی وجہ سے غائب تھا اور شاید اب پھر ہو جاؤں اور معلوم نہیں کب تک رہوں ، مگر میں روز کچھ دیر کے لیے آتا رہا ہوں یہ الگ بات ہے کہ یہ آنا جانا خاموشی سے رہا ہے ۔
آصف احمد بھٹی
السلام علیکم آصف بھائی
آپ کی باتیں دل کو لگتی ہیں .. اللہ آپ کی صلاحیتوں میں اضافہ فرمائے .. امین
آصف بھاائی میں نے آپ کی اور انتظامیہ کی اجازت کے بغیر آپ کے تبصرے کا کچھ ایک بڑا حصہ فیس بک پر اس موضوع پر ہونے والی بحث میں بطور اقتباس آپ کے نام اور عالمی اخبار کے لنک کے ساتھ دیا ہے.
امید ہے آپ برا نہیں منائیں گے..
و السلام
اُس کا ربط یہاں بھی دے دیتے راجہ صاحب
سلام شعیب صفدر صاحب
وہ چونکہ رومن اردو میں ہے، اور آج ہی میں نے کسی جگہ پڑھا ہے کہ عالمی اخبار کی پالیسی میں رومن اردو لکھنا منع ہے کیوں کہ اس طرح ہم رومن کی ترویج میں حصہ دار ہوتے ہیں.. اس لئے مناسب نہیں… اور ویسے بھی یہاں ہونے والی گفتگو اُس سے کہیں زیادہ وقیع ہے. کیوں کہ اس میں گہرائی بھی ہے اور گیرائی بھی.
ویلناٹئن ڈے پر سیر حاصل گفتگو رہی ۔۔ بات صرف اتنی سی بتانی تھی کہ اس تہوار کے ظاہری حسن پر نہیں جانا چاہئے بلکہ اس کے باطنی حسن یعنی اصل پیغام کو سمجھنا چاہئے اور اس کی نئی جہتیں اور فکر نہ صرف تلاش کرنی چاہئے بلکہ اگر اچھی ہوں تواور لوگو سے بھی متعارف کروانا چاہئے ۔۔دوسری بات یہ کہ کسی بھی موضوع پر مخالفت برائے مخالفت اچھی بات نہیں ۔۔ کیونکہ بلاوجہ کی منفی سوچ انسان کو کسی طرف نہیں لے جاتی ہے بلکہ الجھنوں میں مزید اضافہ کرتی ہے ۔۔دوستو یاد رکھ سکیں تو بس اتنا یاد رکھ لیجئے کہ زندگی میں بحث اور رائے دیتے وقت توازن اور کشادگی کا دامن ہاتھ سے مت جانے دیجئے ۔۔ بحر کیف اب تو رات گئی اور بات گئی والی بات ہو گئی ۔۔۔ انشاللہ اب کسی اور موضوع پر بحث اور دلائل ہونگے ۔۔ آپ سب کی قیمتی آرا کا بہت بہت شکریہ ۔۔۔ سلامت رہیں آپ سب کی محبتوں سے عالمی اخبار کی رونق ہے ۔۔
راجہ صاھب اگر میں گلطی پر نہیں تو آپ کی ایک نطم ویلنٹائن پر آج کل نیٹ پر گردش کر رہی ہے، اگر وہ یہاں عنایت ہو جائے تو بہتر ہوگا۔
دوستو کل سے سوچ رہا ہوں کہ اس موضوع پر مزید تبصرے پڑھ لوں ، بہت عمدہ تبصرے پڑھنے کو ملے۔ تبصرہ نگاروں کا شکریہ اور مبارکباد۔
بات دراصل یہ ہے کہ اس یوم محبت کا ہم سے کوئی تعلق نہیں ، ہمارے مذہب میں ہر قدم پر محبت اور اخوت کا ہی تو درس موجو دہے۔ ہم ایک دوسرے کو دیکھتے ہی سلام کہتے ہیں ۔ اس سے بڑھ کر محبت کا اور کیا پیغام ہو سکتا ہے ۔
اس کے بعد ہمیں اظہار مھبت کےلیے کسی اور مخصوص دن اور وقت کی ضرورت نہیں۔
# شعیب صفدر نے کہا ہے:
February 15, 2010 بوقت 3:15 am
راجہ صاھب اگر میں گلطی پر نہیں تو آپ کی ایک نطم ویلنٹائن پر آج کل نیٹ پر گردش کر رہی ہے، اگر وہ یہاں عنایت ہو جائے تو بہتر ہوگا۔
سلام مکرمی شعیب صاحب
وہ نظم اوپر بانچویں مراسلے میں موجود ہے ……..
راجہ اکرام صاحب قبلہ : تم تو چُھپے رستم کی طرح ایک بہت ہی اچھے شاعر نکلے :
تمھاری یہ نظم جو اوپر تم نے ویلنٹائین ڈے کے موضوع پر شایع کی ہے ہر لحاظ سے بہت ہی خوب ہے :
یہ عید منانا کیسا ہے
یہ یوم محبت کس کا ہے
اپنا ہے یا غیروں کا؟
گر اپنا ہے تو ہر مسجد سے
کیوں اس کی صدائیں آتی نہیں؟
کیوں دین کے مصدر و ماخذ کے
سب پنے اس سے خالی ہیں؟
کیوں مائیں اپنے بچوں کو کبھی اس کی گھٹی پلاتی نہیں
کیوں بہنیں اپنے بھائیوں کو ، اس دن کی لوری سناتی نہیں
یہ بات عیاں ہے ظاہر ہے یہ عید ہمارے عید نہیں
جب مان لیا ہم سب نے کہ
نہ یوم محبت اپنا ہے ، نہ عید ہماری عید ہے یہ
پھر اس کا اتنا شور ہے کیوں؟
اس دن کو منانے کی خاطر ، پھر اتنا زیادہ زورہے کیوں
ہم اپنے رب کی بغاوت میں، کیوں ان سے محنت کرتے ہیں
کیوں پیار کے جھوٹے پردے میں ، اقدار کا سودا کرتے ہیں
کچھ ہوش کرو اے اہل وطن ہم کیسے زندہ رہتے ہیں
ہر سمت یہاں پر لاشیں ہیں، ہر آنکھ سے آنسو بہتے ہیں
بس جرم ہمارا غفلت ہے، جو مال و جاہ سے الفت ہے
غیر اللہ کی تقلید یں ہیں اور اپنے رب سے بغاوت ہے
گر چاہتے ہیں ہم کہ دن بدلیں، چہروں پے ہنسی کے پھول کھلیں
تو آو چلو گھر رب کے چلیں
کریں توبہ اپنے گناہوں کی اور درپے اپنے رب کے گریں
نہ یوم محبت اپنا ہے نہ عید ہماری عید ہے یہ
مت کھانا دھوکہ مغرب سے راجہ کی تاکید ہے یہ
۔۔۔۔۔
لکھتے رہو راجہ اکرام صاحب : اور ہمارا دل خوش کرتے رہو۔ ایسے اچھے اچھے اشعار لکھنے والے کو اپنی شاعری ان بلاگوں میں ضرور پیش کرنا چاہیے۔
۔
خیر اندیش
منظور قاضی
جرمنی سے
سلام مسنون مکرمی منظور قاضی صاحب
آپ کی اس حوصلہ افزائی سے مزید لکھنے کی تحریک ملتی ہے. اللہ آپ کو جزا عطا فرمائے … آمین
ویسے قاضی صاحب آپس کی بات ہے……… میں شاعر نہیں ہوں
یہ میری زندگی کی پہلی نظم ہے جو میں نے لکھی ہے، اس سے پہلے کبھی ایسا کام نہیں کیا، اور نہ اس کے بعد کبھی ایسا ہو پایا.
آپ حضرات کی رہنمائی اگر میسر رہی تو شاید میں بھی کسی قابل بن جاؤں
محتاج اصلاح و دعا
راجہ اکرام
راجہ اکرام صاحب ماشا اللہ اگر یہ آپ کی پہلی کاوش ہے تو یقیناّ آپ کا شاعری کے میدان میں بہت ہی اچھا مستقبل ہے ۔
کھل کے لکھتے جائیے اس لیے کہ آپ کے پاس اپنے خیالات اور احساسات کو منظوم کرنے کی خدا دادصلاحیت موجود ہے۔
اپنے اندر کے چھپے ہوئے نقاد سے مدد لیتے رہیے وہ آپ کو بتادے گا کہ کونسا مصرعہ وزن میں ہے اور وہ آپ کی احساسات کی پوری پوری ترجمانی کررہا ہے یا نہیں۔
اگر الفاظ آپ کے احساسات کی ترجمانی نہیں کرسکتے تو انک بدل کر نئے الفاظ ڈھونڈییے۔
عرشی صاحبہ کے بلاگوں کا مطالعہ کرتے رہیے اور ان سے سبق سیکھتے رہیے ۔
اللہ آپ کا زورِ قلم اور زیادہ کرے
مکرمی قاضی صاحب حوصلہ افزائی کا شکریہ
اللہ آپ کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے .. آمین