کتاب ہی سب سے اچھی دوست ہے

اس سے کس کو انکار ہے کہ کتاب سب سے اچھی دوست ہے اور ایسی دوست کہ جس سے کبھی بھی کسی کو تکلیف نہیں پہنچتی اور علم کی ترسیل ہوتی ہے۔ ہمارے ہاں کتب بینی کی عادت ختم ہو چکی ہے جسکی وجہ سے مطالعے کا فقدان ہے اور اسکی وجہ سے ذہن محدود ہو گئے ہیں لیکن مغربی ممالک میں مطالعہ ابھی بھی ایک عام عادت ہے۔
آپ دوستوں کو یہاں سویڈن کے بارے میں بتانا چاہتی ہوں کہ یہاں ہر سال فروری کے آخری مہینے میں کتابوں کی ایک بہت بڑی سیل لگتی ہے جس کے لیئے لوگ سال بھر منتظر رہتے ہیں۔ اس سیل میں بہت اہم اور اچھی کتب بہت مناسب اور بعض اوقات بہت سستی قیمت پر مل جاتی ہیں۔ لوگ اکثر وقت سے پہلے اپنی پسندیدہ کتب کی فہرست بنا لیتے ہیں
اب جو یہ سیل شروع ہو چکی ہے تو پہلے دن بے حد ہجوم ہوتا ہے اور اکثر مقبول مصنفین کی کتابیں پہلے روز ہی فروخت ہو جاتی ہیں۔
اسی طرح موسم خزاں میں بھی ایک دن ایسا ہوتا ہے جب لوگ آپس میں کتابیں تبدیل کرتے ہیں اسے کہا جاتا ہے ‘‘کتابیں آپس میں‘‘۔ اس روز لوگ وہ کتابیں جو خود پڑھ چکے ہوتے ہیں کسی قیمت کے بغیر دوسرے احباب سے بدل لیتے ہیں اور اس طرح سب کو مختلف موضوعات کی کتابیں پڑھنے کا موقع بھی مل جاتا ہے
میں سوچتی ہوں کیا ہم لوگ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے تا کہ لوگوں کو خاص طور پر نوجوانوں کو مطالعے کی عادت ڈالی جا سکے۔

24 thoughts on “کتاب ہی سب سے اچھی دوست ہے”

  1. واہ زبردست ۔۔۔ عابدہ آپا میں تو سیوڈن آ رہی ہوں آپ مجھے بلائیں یا نہ ں ۔۔ میرا خواب وہی آ کر پورا ہو سکتا ہے ۔۔ رنگ برنگی کتابیں پرھنے کا ۔۔۔۔ آپ یقین کریں میں تو حیران رہ گئی ہوں اس تجویز پر ۔۔ یہاں بھی سیل میں کتابیں مل جاتی ہیں لکن بخدا س طرح سے نہیں ۔۔ سچ میری تو روح تک خوش ہو گئی ہے یہ سن کر ۔۔
    آپاتجویز یہ رکھتے ہیں کہ ہمارے سب بلاگ نگار ایک ایک کتاب اپنی پسند کی پڑھیں اور ایک دوسرے کو بتائیں کہ کیوں پڑھی اور پڑھ کر کیاحاصل کیا اور کیا یہ کتاب مطالعے کے لیئے آگے بڑھائی جا سکتی ہے ۔۔ اس طرح سے ایک دوسرے سے اتنی دور رپتے ہوئے بھی ہم ایک دوسرے سے کتابیں بدل لیا کریں گے ۔ کیسا ؟÷

  2. لو آپا جی میں نے کتاب پڑھنی بھی شروع بھی کر دی ہے ۔۔ انشاللہ جلد آپ سب کوبتاؤنگی کہ اس میں کیا لکھا ہے ۔۔

  3. ایسا لگتا ہے کہ اس کتابی بلاگ پر صرف ڈاکٹر صاحبہ ہی لکھتی رہیں گی. دراصل یہ بھی اسی مطالعے سے لاتعلقی اور کتاب سے دوری کی ایک نشانی ہے یا پھر دنیا بھر کی سیاست ہم پر اسقدر غالب آ چکی ہے کہ مجھ سمیت ہر کوئی سیاسی مبصر ہے اور وہ بھی مستند. زندگی پر سیاسی موضوعات اس طرح حاوی ہیں جیسے بس یہی زندگی ہے. کتاب پڑھنا یا کتاب سے دوستی کرنا تو دور کی بات ہم میں سے ایک بڑی تعداد ایسے موضوعات پر لکھنا بھی شاید مناسب نہیں سمجھتی.
    میں نے اپنی گفتگو میں بارہا نبی برحق کی یہ حدیث دوہرائی ہے کہ ”بند کتابیں اپنے مکینوں کے لیئے بد دعا کرتی ہیں” اور اسکے ساتھ ہمیشہ یہ بھی کہتا ہوں کہ اللہ کے حبیب نے یہ بات عام کتابوں کے بارے میں کہی تھی ام الکتاب کے بارے میں نہیں. ذرا سوچیں اور اگر واقعی سوچیں تو رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں کہ ہم مسلمانوں کی ایک بڑی اکثریت نے تو ام الکتاب کو روپہلے جزدان میں لپیٹ کر رکھ چھوڑا ہے.
    مجھے یاد ہے کہ ستر کے عشرے میں ہم نے ریڈیو پاکستان پر ایک سلسلہ شروع کیا تھا ”ریڈیو بُک بنک اور ریڈیو بلڈ بنک” اور اس خیال کو اسقدر پزیرائی ملی تھی کہ ہمارے وہم وگمان میں نہیں تھا. سوچ رہا ہوں کہ ایسا ہی کوئی قابل عمل سلسلہ عالمی اخبار پر بھی شروع کریں کہ اب تو ” ای بُک” کا زمانہ آ گیا ہے. آپ بھی سوچیں کہ اس ضمن میں کیا کیا جا سکتا ہے.
    عابدہ صاحبہ آپ نے ایک اچھا موضوع منتخب کیا ہے۔ ہماری آپ سے درخواست ہے کہ اس کتاب میلے کی رپورٹ اگر ہو سکے تو تصاویر بھی بنا کرارسال کریں ہم اسے اخبار میں شائع کریں گے۔
    فوری طور پر تو ہم ایک ایسا بلاگ بھی شروع کر سکتے ہیں جس میں ہم سب ان کتب کا ذکر کریں جو حال ہی میں ہم نے پڑھی ہیں اور ہو سکے تو کوئی اقتباس بھی لکھیں تا کہ دوسرے بھی مستفیض ہو سکیں۔

  4. کتابیں لکھنا اور کتابیں پڑھنا ہماری قوم میں دو الگ شعبے ہو چکے ہیں۔ میں عرصہ دراز سے ایک چیز محسوس کر رہا ہوں کہ اکثر مصنف حضرات جو مضمون یا نثر مخلتف حوالوں سے لکھتے ہیں، وہ کسی اور کی تحریر کو در خور اعتناء جانتے ہی نہیں ہیں۔ یہی وقت کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ جب قلمکار ہی مطالعے سے دستبردار ہوجائے تو پھر عام افراد سے کیا توقع رکھنا کہ وہ کوئی کتاب پڑھیں۔
    ہم پڑھنے سے زیادہ سننے کو ترجیح دیتے ہیں کہ سنی سنائی باتوں پر چلتے چلتے آج ہم فکر و علم کے حقیقی منبابع سے قطعا دور ہو چکے ہیں۔پھر اس پر مستزاد روگ یہ ہے کہ ہم اس سنی سنائی روایت پرستی اور مستعار علم کی بنیاد پر خود کو عاقل و دانا جاننے لگتے ہیں۔ اس کا آج نتیجہ یہ نکلا ہے کہ ہمارے قلمکار، راہنما اور مفکرین، سبھی فکر نا رساء کے تجار بن گئے ہیں اور قوموں کی بھیڑ میں ہماری شنوائی تک نہیں رہی۔۔۔۔ سب سے پہلے تو قلم قبیلے کو اپنی روش بدلنی ہوگی اور کسی بھی دوسرے لکھاری کی تحریر کو اتنی ہی اہمیت دینا ہوگی جتنی اپنی تحریر کو۔ صرف عالمی اخبار جو روزانہ سولہ شعبوں میں کم و بیش دو تا تین بار اپ ڈیٹ ہوتا ہے، ہم اگر اسی کو اپنے مطالعے کا حصہ بنا لیں تو شاید ہمیں ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔
    دوسروں کی تحریر پر تبصرہ کرنا یا نہ کرنا، یہ ہر ایک کی اپنی منشاء، اور اسباب و عوامل پر منحصر ہے۔ تاہم ہمارا ایک عمومی رویہ یہ بھی بن چکا ہے کہ ہم تحریر پڑھنے کے بعد پہلے تو لکھاری کو اسکی سزا سنانا چاہتے ہیں کہ وہ کسی بہانے اپنی تحریر یہاں سے ہٹا ہی لے۔ کچھ احباب تو تبصرے بھی مصنف کی تحریر کو پڑھے اور سمجھے بناء ارسال کر دیتے ہیں۔ اس روئیے سے بھی یہی عیاں ہوتا ہے کہ ہم نے تحریر پوری پڑھے بناء لوگوں کو اپنی تحریر پڑھنے پر مجبور کر دیا ہے۔ کئی افراد مضمون نگاروں کو ڈھکے چھپے الفاظ میں یہاں تک سنا چکے ہیں کہ بلاگ کی بجائے کالم لکھ دیں جہاں کو ئی پڑھے یا نہ پڑھے ۔ یعنی بلاگ تو ہم مجبوریء عادت سے پڑھ رہے ہیں اور مضمون کو تو کوئی دیکھتا تک نہیں۔ دوسری طرف پسند و ناپسند کا عالم یہ ہے کہ نعتیہ بلاگ گو کہ چند افراد کی جانفشانی سے نہایت کامیابی سے جاری ہے، لیکن اس میں ابھی بعض احباب نعت کی شرکت تو درکنار، صرف سبحان اللہ کہنے بھی تشریف نہیں لا سکے۔
    خیر گزشتہ کچھ عرصے سے میں یہاں آسٹریلیامیں لوگوں کی مطالعہ پسندی سے بہت متاثر تھا۔ ابھی تھوڑا عرصہ پہلے میں نے ایک کتاب( اسرار امامت از سُلیم بن قیس ہلالی متوفی پہلی صدی ہجری) خریدی اور فیصلہ کیا کہ اسے جلد ہی ختم کروں گا۔ چنانچہ اہل آسٹریلیا کی سنت میں اس کتاب کو اپنے ہمراہ رکھنا شروع کردیا اور جہاں وقت ملا، وہیں دو سطریں پڑھ لیں۔ نتیجہ یہ نکلا کہ جب کبھی کسی کا انتظار ہو یا کوئی سفر در پیش ہو تو وقت اتنی آسانی سے کٹنے لگا کہ اکثر جی چاہتا تھا کہ کاش ٹرین تھوڑی تاخیر کا شکار ہو جاتی اور چند سطریں اور پڑھ لیتا۔ چناچہ کتاب بھی الماری میں مقید رہنے سے بچ گئی اور ہماری عقل بھی علم کے دریا کی روانی میں بہتی رہی۔
    کوشش کروں گا کہ اسی انداز سے آئیندہ بھی مطالعہ جاری رہے۔

  5. مصباح بھائی یہ ہوئی نہ بات یعنی ہم آ سٹریلیا والے کتب بینی کا شکار ہیں ۔۔ ماشاللہ ۔۔ اللہ نظر بد سے بچائے ۔۔ آمین ۔جہاں تک آپ نے لکھنے والوں میں مطالعہ کی کمی کی بات کی ہے وہ توسمجھئے دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہے ۔۔ ستم اس بات کا قلق بھی چند افراد تک ہی محدود ہے ۔۔ اللہ اللہ ۔۔

  6. عزیزم مصباح۔ آپ نے جو کچھ لکھا وہ ہی تو ہمارا نوحہ ہے کہ خود اہل قلم ہی سر قلم ہو چکے ہیں۔ اسی لیئے تو ہم آپ نے عالمی اخبار کی پیشانی پر سورہ الصحف کی یہ آیت درخشاں کر رکھی ہے کہ ”اے ایمان والو تم وہ باتیں کیوں کہتے ہو جو کرتے نہیں ہو”۔ مجھے علم ہے کہ یہاں خطاب اہل ایمان سے ہے اور میری فکر کہتی ہے کہ کلمہ گو میں اور صاحب ایمان میں بہت فرق ہے۔ ہاں یہ جو سورہ والقلم والے قلم کی امانت کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں اور اسی کی نسبت سے معزز ہیں انکا بے عمل ہونا ہی تو معاشرے اور ملت کی موت ہے۔ میں نے اکثر کھلے بندوں یہ کہا بھی ہے اور لکھا بھی ہے کہ اگر مسلم امہ میں من حیث المجموع صرف لکھاری اور علما ہی وہ کرنا شروع کر دیں جو وہ کہتے ہیں تو برسوں نہیں مہینوں میں اس امت مسلمہ کو اسکا کھویا ہوا وقارمل جائے مگر ایسا ہے نہیں۔ نوے فیصد سے زیادہ لکھنے والے بھی بے عمل ہیں اور نوے فیصد سے زیادہ منبر نشین بھی بے عمل۔ انکے لفظ اور وعظ دوسروں کے لیئے ہیں اپنے لیئے نہیں۔
    ہر کتاب میں صرف ایک سطر ہوتی ہے جس پر پوری کتاب کا تانا بانا تیار ہوتا ہے بس ضرورت اسی سطر کو تلاش کرنے کی ہے۔

  7. ارے میں بتانابھول گئی کہ میں آج کل بابا بلھے شاہ کا کلام “کلیات بلھے شاہ“ پڑھ رہی ہوں اور میں خوش نصیب ہوں کہ میری امی جی اس کتاب کو سمجھانے میں میری مدد فرما رہی ہیں ۔۔ اور انہی کی خواہش پر اسے ہر ممکن کوشش کر رہی ہوں کہ اردو میں بھی لکھتی جاؤں ۔۔ لکھنے کا نہیں معلوم کہ کر پاؤنگی کہ نہیں ۔۔ ہاں البتہ یہ ضرور تمنا ہے کہ ایک بار لگن سے اسے سمجھ ضرور لوں ۔۔ مجھے امی جی کے ساتھ کتاب پڑھتے وقت پرانے زمانے یاد آرے ہیں جب رات کوسونے سے پہلے وہ ہمیں نبیوں ولیوں کی باتیں بتایا کرتی تھیں اور میں گھنٹوں چپکے چپکے حضرت یوسف کو کنویں میں پھینک دینے پر رو دیا کرتی تھیں ۔۔ اور اپنے بھائیوں کو دیکھ دیکھ کرسوچا کرتی کہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے ۔۔۔ پھر حضرت موسی کیسے بڑھے ہوئے ۔۔ حضرت عیسی کیسے آئے ۔۔ پھر جب امی جی نے جس دن یہ بتایا کہ حضرت امام حسین کے سر مبارک کو کیسے تھال میں رکھ کر ظالموں نے یزید کو پیش کیا تھا ۔۔ اس رات ہم سب بہن بھائی ساری رات روتے رہے تھے ۔۔ اس دن سے ایسا تصور بندھا ہے اس ایک منظر کا دل کبھی دکھ سے غافل ہی نہیں ہوتا ۔۔۔

    میری کتابوں سے دوستی میری امی جی ہی نے کروائی تھی ۔۔ اور ابا جی نے تو جیسے مہر سی لگا دی تھی ۔۔ ہم نے آج تک اپنی ہوش میں کوئی ایک دن ایسا نہیں دیکھا جب انہوں نے کوئی کتاب نہ پڑھی ہو یاہمیں پڑھنےکے لئے نہ کہا ہو ۔۔ کتابوں کے بغیر زندگی کا کوئی دن مجھے یاد نہیں آتا ۔۔۔اور ہر اچھا لکھنے والے کو اس کی داد دینا جییسے فرض سا لگتا ہے ۔۔۔ آج کل بس میں ہوں اور امی جی کی کی شاگردی اور بابا بلھے شاہ کی کتاب ۔۔۔

  8. پڑھی نماز تے نیاز نہ سِکھیا
    تیریاں کِس کَم پڑھیاں نمازاں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    علم پڑھیا تے عمل نہ کیتا
    تیریاں کِس کَم کیتیاں واگاں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نہ کَہر ڈِٹَھا نہ کَہر والا ڈِٹَھا
    تیریاں کِس کَم دِتیاں نیازاں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    بُلھے شاہ پتہ تَد لگ سی
    جدوں چِڑی پَھسی ہتھ بازاں

  9. واہ جی واہ کیا کہنے ۔۔
    پڑھی نماز تے نیاز نہ سِکھیا
    تیریاں کِس کَم پڑھیاں نمازاں

    اور سنیں بابا بھلے شاہ کا کلام ۔۔۔
    تسبیح پھِری پر دِل نہ پھِریا
    لینا کی تسبیح ہتھ پَھڑ کے

    بُلھے شاہ جاگ بِنا دُدھ نہیں جمندا
    پانویں لال ہووے کڑھ کڑھ کے

  10. بُلھے شاہ چل اُتھے وسیے
    جِتھے منع نہ کرنڑ شرابوں

    سِر تے ٹوپی تے نیت کھوٹی
    لینا کی سِر ٹوپی تَرھ کے؟

    پڑھ پڑھ عالم فاضل ہویا
    کدے اپنڑے آپ نوں پڑھیا نہیں

    بُلھے شاہ اسمانی اُڈدیاں پھَڑدا ایں
    جہڑا کہر بیٹھا اونوں پھڑیا ای نہیں

  11. کتاب پڑھنے کا اور کتاب ایک دوسرے سے ایکسچینج کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    کتے
    پطرس کے مضامین
    پطرس بخاری

    کتّے

    علم الحیوانات کے پروفیسروں سے پوچھا۔ سلوتریوں سے دریافت کیا۔ خود سرکھپاتے رہے۔ لیکن کبھی سمجھ میں نہ آیا کہ آخر کتوں کافائدہ کیا ہے؟ گائے کو لیجئے دودھ دیتی ہے۔ بکری کو لیجئے، دودھ دیتی ہے اور مینگنیاں بھی۔ یہ کتے کیا کرتے ہیں؟ کہنے لگے کہ کتا وفادار جانور ہے۔ اب جناب وفاداری اگر اسی کا نام ہے کہ شام کے سات بجے سے جو بھونکنا شروع کیا تو لگاتار بغیر دم ليے صبح کے چھ بجے تک بھونکتے چلے گئے۔تو ہم لنڈورے ہی بھلے، کل ہی کی بات ہے کہ رات کے کوئی گیارہ بجے ایک کتے کی طبیعت جو ذرا گدگدائی تو انہوں نے باہر سڑک پر آکر طرح کا ایک مصرع دے دیا۔ ایک آدھ منٹ کے بعد سامنے کے بنگلے میں ایک کتے نے مطلع عرض کردیا۔ اب جناب ایک کہنہ مشق استاد کو جو غصہ آیا، ایک حلوائی کے چولہے میں سے باہر لپکے اور بھنا کے پوری غزل مقطع تک کہہ گئے۔ اس پر شمال مشرق کی طرف ایک قدر شناس کتےنے زوروں کی داد دی۔ اب تو حضرت وہ مشاعرہ گرم ہواکہ کچھ نہ پوچھئے، کم بخت بعض تو دو غزلے سہ غزلے لکھ لائے تھے۔ کئی ایک نے فی البدیہہ قصیدے کے قصیدے پڑھ ڈالے، وہ ہنگامہ گرم ہوا کہ ٹھنڈا ہونے میں نہ آتا تھا۔ہم نے کھڑکی میں سے ہزاروں دفعہ “آرڈر آرڈر” پکارا لیکن کبھی ایسے موقعوں پر پر دھان کی بھی کوئی بھی نہیں سنتا۔ اب ان سے کوئی پوچھئے کہ میاں تمہیں کوئی ایسا ہی ضروری مشاعرہ کرنا تھا تو دریا کے کنارے کھلی ہوا میں جاکر طبع آزمائی کرتے یہ گھروں کے درمیان آکر سوتوں کو ستانا کون سی شرافت ہے۔
    اورپھر ہم دیسی لوگوں کے کتے بھی کچھ عجیب بدتمیز واقع ہوئے ہیں۔ اکثر تو ان میں ایسے قوم پرست ہیں کہ پتلون کوٹ کو دیکھ کر بھونکنے لگ جاتے ہیں۔ خیر یہ تو ایک حد تک قابل تعریف بھی ہے۔ اس کا ذکر ہی جانے دیجئے اس کے علاوہ ایک اور بات ہے یعنی ہمیں بارہا ڈالیاں لے کر صاحب لوگوں کے بنگلوں پر جانے کا اتفاق ہوا، خدا کی قسم ان کے کتوں میں وہ شائستگی دیکھی ہے کہ عش عش کرتے لوٹ آئے ہیں۔ جوں ہی ہم بنگلے کے اندر داخل ہوئے کتے نے برآمدے میں کھڑے کھڑے ہی ایک ہلکی سی “بخ” کردی اور پھر منہ بند کرکے کھڑا ہوگیا۔ہم آگے بڑھے تو اس نے بھی چار قدم آگے بڑھ کر ایک نازک اور پاکیزہ آواز میں پھر “بخ” کردی۔ چوکیداری کی چوکیداری موسیقی کی موسیقی۔ ہمارے کتے ہیں کہ نہ راگ نہ سُر۔ نہ سر نہ پیر۔ تان پہ تان لگائے جاتے ہیں، بےتالے کہیں کے نہ موقع دیکھتے ہیں، نہ وقت پہچانتے ہیں، گل بازی کيے جاتے ہیں۔ گھمنڈ اس بات پر ہے کہ تان سین اسی ملک میں تو پیدا ہوا تھا۔
    اس میں شک نہیں کہ ہمارے تعلقات کتوں سے ذرا کشیدہ ہی رہے ہیں۔ لیکن ہم سے قسم لے لیجئے جو ایسے موقع پر ہم نے کبھی سیتا گرہ سے منہ موڑا ہو۔ شاید آپ اس کو تعلّی سمجھیں لیکن خدا شاہد ہے کہ آج تک کبھی کسی کتے پر ہاتھ اُٹھ ہی نہ سکا۔ اکثر دوستوں نے صلاح دی کہ رات کے وقت لاٹھی چھڑی ضرور ہاتھ میں رکھنی چاہئے کہ دافع بلیات ہے لیکن ہم کسی سے خواہ مخواہ عداوت پیدا نہیں کرنا چاہتے۔ کتے کے بھونکتے ہی ہماری طبعی شرافت ہم پر اس درجہ غلبہ پا جاتی ہے کہ آپ اگر ہمیں اس وقت دیکھیں تو یقیناً یہی سمجھیں گے کہ ہم بزدل ہیں۔ شاید آپ اس وقت یہ بھی اندازہ لگا لیں کہ ہمارا گلا خشک ہوا جاتا ہے۔ یہ البتہ ٹھیک ہے ایسے موقع پر کبھی گانے کی کوشش کروں تو کھرج کے سُروں کے سوا اور کچھ نہیں نکلتا۔ اگر آپ نے بھی ہم جیسی طبیعت پائی ہو تو آپ دیکھیں گے کہ ایسے موقع پر آیت الکرسی آپ کے ذہن سے اُتر جائے گی اس کی جگہ آپ شاید دعائے قنوت پڑھنے لگ جائیں۔
    بعض اوقات ایسا اتفاق بھی ہوا ہے کہ رات کے دو بجےچھڑی گھماتے تھیٹر سے واپس آرہے ہیں اور ناٹک کے کسی نہ کسی گیت کی طرز ذہن میں بٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں چونکہ گیت کے الفاظ یاد نہیں اور نومشقی کا عالم بھی ہے اس ليے سیٹی پر اکتفا کی ہے کہ بےسرے بھی ہوگئے تو کوئی یہی سمجھے گا کہ انگریزی موسیقی ہے، اتنے میں ایک موڑ پر سے جو مڑے تو سامنے ایک بکری بندھی تھی۔ ذرا تصور ملاحظہ ہو آنکھوں نے اسے بھی کتا دیکھا، ایک تو کتا اور پھر بکری کی جسامت کا۔ گویا بہت ہی کتا۔ بس ہاتھ پاؤں پھول گئے چھڑی کی گردش دھیمی دھیمی ہوتے ہوتے ایک نہایت ہی نامعقول، زاوئیے پر ہوا میں کہیں ٹھہر گئی۔ سیٹی کی موسیقی بھر تھرتھرا کر خاموش ہوگئی لیکن کیا مجال جو ہماری تھوتھنی کی مخروطی شکل میں ذرا بھی فرق آیا ہو۔گویا ایک بےآواز لَے ابھی تک نکل رہی ہے ۔طب کا مسئلہ ہے کہ ایسے موقعوں پر اگر سردی کے موسم میں بھی پسینہ آجائے تو کوئی مضائقہ نہیں بعد میں پھر سوکھ جاتا ہے۔
    چونکہ ہم طبعاً ذرا محتاط ہیں۔ اس ليے آج تک کتے کے کانٹے کا کبھی اتفاق نہیں ہوا۔ یعنی کسی کتے نے آج تک ہم کو کبھی نہیں کاٹا اگر ایسا سانحہ کبھی پیش آیا ہوتا تو اس سرگزشت کی بجائے آج ہمارا مرثیہ چھپ رہا ہوتا۔ تاریخی مصرعہ دعائیہ ہوتا کہ “اس کتے کی مٹی سے بھی کتا گھاس پیدا ہو” لیکن۔۔۔
    کہوں کس سے میں کہ کیا ہے سگ رہ بری بلا ہے
    مجھے کیا برا تھا مرنا اگر ایک بار ہوتا
    جب تک اس دنیا میں کتے موجود ہیں اور بھونکنے پر مصُر ہیں سمجھ لیجئے کہ ہم قبر میں پاؤں لٹکائے بیٹھے ہیں اور پھر ان کتوں کے بھونکنے کے اصول بھی تو کچھ نرالے ہیں۔ یعنی ا یک تو متعدی مرض ہے اور پھر بچوں اور بوڑھوں سب ہی کو لاحق ہے۔ اگر کوئی بھاری بھرکم اسفندیار کتا کبھی کبھی اپنے رعب اور دبدبے کو قائم رکھنے کے ليے بھونک لے تو ہم بھی چاروناچار کہہ دیں کہ بھئی بھونک۔ (اگرچہ ایسے وقت میں اس کو زنجیر سے بندھا ہونا چاہئیے۔) لیکن یہ کم بخت دو روزہ، سہ روزہ، دو دو تین تین تولے کے پلے بھی تو بھونکنے سے باز نہیں آتے۔ باریک آواز ذراسا پھیپھڑا اس پر بھی اتنا زور لگا کر بھونکتے ہیں کہ آواز کی لرزش دُم تک پہنچتی ہے اور پھر بھونکتے ہیں چلتی موٹر کے سامنےآکر گویا اسے روک ہی تو لیں گے۔ اب اگر یہ خاکسار موٹر چلا رہا ہوتو قطعاً ہاتھ کام کرنے سے انکار کردیں لیکن ہر کوئی یوں ان کی جان بخشی تھوڑا ہی کردے گا؟
    کتوں کے بھونکنے پر مجھے سب سے بڑا اعتراض یہ ہے کہ ان کی آواز سوچنے کے تمام قویٰ معطل کردیتی ہے خصوصاً جب کسی دکان کے تختے کے نیچے سے ان کا ایک پورا خفیہ جلسہ باہر سڑک پر آکر تبلیغ کا کام شروع کردے تو آپ ہی کہیے ہوش ٹھکانے رہ سکتے ہیں؟ ہر ایک کی طرف باری باری متوجہ ہونا پڑتا ہے۔ کچھ ان کا شور، کچھ ہماری صدائے احتجاج (زیرلب) بےڈھنگی حرکات وسکنات (حرکات ان کی، سکنات ہماری۔) اس ہنگامے میں دماغ بھلا خاک کام کرسکتا ہے؟ اگرچہ یہ مجھے بھی نہیں معلوم کہ اگر ایسے موقع پر دماغ کام کرے بھی تو کیا تیر مارلے گا؟ بہرصورت کتوں کی یہ پرلےدرجے کی ناانصافی میرے نزدیک ہمیشہ قابل نفرین رہی ہے۔ اگر ان کا ایک نمائندہ شرافت کے ساتھ ہم سے آکر کہہ دے کہ عالی جناب، سڑک بند ہے تو خدا کی قسم ہم بغیر چون وچرا کئے واپس لوٹ جائیں اور یہ کوئی نئی بات نہیں۔ ہم نے کتوں کی درخواست پر کئی راتیں سڑکیں ناپنے میں گزاردی ہیں لیکن پوری مجلس کا یوں متفقہ و متحدہ طور پر سینہ زوری کرنا ایک کمینہ حرکت ہے (قارئین کرام کی خدمت میں عرض ہے کہ اگر ان کا کوئی عزیزومحترم کتا کمرے میں موجود ہو تو یہ مضمون بلند آواز سے نہ پڑھا جائے مجھے کسی کی دل شکنی مطلوب نہیں۔)
    خدا نے ہر قوم میں نیک افراد بھی پیدا کئے ہیں۔ کتے اس کے کلئے سے مستثنیٰٰ نہیں۔ آپ نے خدا ترس کتا بھی ضرور دیکھا ہوگا، اس کے جسم میں تپّسیا کے اثرات ظاہر ہوتے ہیں، جب چلتا ہے تو اس مسکینی اور عجز سے گویا بارگناہ کا احساس آنکھ نہیں اٹھانے دیتا۔ دم اکثر پیٹ کے ساتھ لگی ہوتی ہے۔ سڑک کے بیچوں بیچ غوروفکر کے ليے لیٹ جاتا ہے اور آنکھیں بندکرلیتا ہے۔ شکل بالکل فلاسفروں کی سی اور شجرہ دیوجانس کلبی سے ملتا ہے۔ کسی گاڑی والے نے متواتر بگل بجایا، گاڑی کے مختلف حصوں کو کھٹکھٹایا، لوگوں سے کہلوایا، خود دس بارہ دفعہ آوازیں دیں تو آپ نے سرکو وہیں زمین پر رکھے سرخ مخمور آنکھوں کو کھولا ۔ صورت حال کو ایک نظر دیکھا، اور پھر آنکھیں بند کرلیں۔ کسی نے ایک چابک لگا دیاتو آپ نہایت اطمینان کے ساتھ وہاں سے اُٹھ کر ایک گز پرے لے جالیٹے اور خیالات کے سلسلے کو جہاں سے وہ ٹوٹ گیا تھا وہیں سے پھر شروع کردیا۔ کسی بائیسکل والے نے گھنٹی بجائی، تو لیٹے لیٹے ہی سمجھ گئے کہ بائیسکل ہے۔ ایسی چھچھوری چیزوں کے ليے وہ راستہ چھوڑ دینا فقیری کی شان کے خلاف سمجھتے ہیں۔
    رات کے وقت یہی کتا اپنی خشک، پتلی سی دم کو تابحد امکان سڑک پھیلا کر رکھتا ہے۔ اس سے محض خدا کے برگزیدہ بندوں کی آزمائش مقصود ہوتی ہے۔ جہاں آپ نے غلطی سے اس پر پاؤں رکھ دیا، انہوں نے غیظ وغیب کے لہجہ میں آپ سے پرسش شروع کردی، “بچہ فقیروں کو چھیڑتا ہے، نظر نہیں آتا، ہم سادھو لوگ یہاں بیٹھے ہیں”۔ بس اس فقیر کی بددعا سے سے اسی وقت رعشہ شروع ہوجاتا ہے۔ بعد میں کئی راتوں تک یہی خواب نظر آتے رہتے ہیں کہ بےشمار کتے ٹانگوں سے لپٹے ہوئے ہیں اور جانے نہیں دیتے۔ آنکھ کھلتی ہے تو پاؤں چارپائی کی ادوان میں پھنسے ہوتے ہیں۔
    اگر خدا مجھے کچھ عرصے کے ليے اعلیٰ قسم کے بھونکنے اور کاٹنے کی طاقت عطا فرمائے، تو جنون انتقام میرے پاس کافی مقدار میں ہے۔ رفتہ رفتہ سب کتے علاج کے ليے کسولی پہنچ جائیں۔ ا یک شعر ہے:
    عرفی تو میندیش زغو غائے رقیباں
    آواز سگاں کم نہ کند رزق گدارا
    یہی وہ خلاف فطرت شاعری ہے، جو ایشیا کے ليے باعث ننگ ہے، انگریزی میں ایک مثل ہے، کہ “بھونکتےہوئے کتے کاٹا نہیں کرتے” یہ بجا سہی۔ لیکن کون جانتا ہے، کہ ایک بھونکتا ہوا کتا کب بھونکنا بند کردے، اور کاٹنا شروع کردے!

  12. بابا بلھے شاہ (1680-1758 عیسوی) کا اصل نام سید عبداللہ شاہ تھا ۔ تحصیل قصور میں ولادت ہوئی ۔ لاہور میں شاہ عنایت قادری سے فیض حاصل کیا ۔ فلسفہ وحدت الوجود پر عامل تھے لہذا ہر شے کو اللہ تعالی کا مظہر تصور کرتے تھے ۔ ان کی شاعری میں عشق ایک موثر قوت کے طور پر سا منے آتا ہے ۔ محبت اور صلح جوئی کا پیغام ان کے یہاں عام ہے ۔ پنجابی زبان میں کافیاں لکھیں ۔ ایک جگہ فرماتے ہیں ” جس علم سے انسان میں غرور اور تکبر پیدا ہو جائے وہ علم خدا شناسی کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہوتا ہے وہاں انسانوں کے لیے بھی نافع نہیں رہتا ” ۔
    پنجابی شاعری سے اقتباس
    پڑھ پڑھ شیخ مشائح ہویا
    بھر بھر پیٹ نیندر بھر سویا
    جاندی واری نین بھر رویا
    ڈّبا وچ اورارنہ پار
    علموں بس کریں او یار
    پڑھ پڑھ مسئلے روز سناویں
    کھانا شک شبھے دا کھاویں
    دّسیں ہور تے ہور کماویں
    اندر کھوٹ باہر سچیار
    علموں بس کریں او یار
    اردو ترجمہ
    علم پڑھ کر شیخ کا مرتبہ حاصل کیا
    اور پھر پیٹ بھر کر آرام سے سو گیا
    دنیا سے جاتے وقت آنکھیں ڈبڈبا گئیں
    گویا بیچ منجدھار کے زندگی گذار دی ۔ ایسے علم کا کیا فائدہ

    علم پڑھ کر لوگوں کو تنگ کرتے ہو
    شک شبہ سے پاک روزی نہیں کھاتے
    کہتے کچھ ہو اور کرتے کچھ ہو ، دل میں کھوٹ رکھتے ہو
    روز ظاہر میں خود کو سچا ثابت کرتے ہو ۔ ایسے علم کا کیا فائدہ

  13. محترمہ بہن عابدہ مظفر صاحبہ ! اس موضوع پر پہلے بھی بلاگز چلے ہیں، اب دوبارہ ایک نئے رخ سے آپ نے اس موضوع کی طرف توجہ دلائی ہے، یہ موضوع ہے ہی اتنا اہم – شکریہ

    میں جناب ہمدانی صاحب اور مصباح شاہ صاحب کی تحریروں پر کیا تبصرہ کروں؟ میری خوش قسمتی کہ مجھے پڑھنے کو ایسے خوبصورت الفاظ مل جاتے ہیں، ہمدانی صاحب اپنے حکیمانہ خیالات سے موضوع کی تکمیل کرتے ہیں تو مصباح شاہ صاحب اس موضوع پر جرح کی بجائے جراحی کرکے اس میں چھپے ہوئے مسئلہ، بلکہ مسئلہ کی جڑ تک پڑھنے والے کو پہنچا دیتے ہیں، ماشاء اللہ

    میں ہمدانی صاحب ہی کی کہی بات ہی کو اپنے الفاظ میں دہرا کر ایک نکتہ کی طرف اشارہ کرنا چاہوں گا کہ :

    آپ نے باقی کتب سے پہلے “ام الکتاب” کی اہمیت پر تحریر فرمایا، یقیناً ہر مسلمان کے مدِ نظر یہ نکتہ ہونا چاہیے کہ “مسلمان اسی کو کہتے ہیں جو قران کو پڑھ کر، اسے سمجھ کر، اس کے مطابق اپنی زندگی گزارے” یا اور بھی کوئی تشریح ہے اس لفظ “مسلمان” کی ؟

    یہاں سے ایک نکتہ یہ بھی سامنے آتا ہے کہ کتاب پڑھنا اہم ہے لیکن کتاب شناسی اس سے زیادہ اہم ہے، کتابیں تو کروڑوں اربوں کی تعداد ہیں دنیا بھر میں موجود ہیں، میں کون سی کتاب پڑھوں ؟ یہ فیصلہ، یہ انتخاب درست ہوگا تب ہی مجھے فائدہ حاصل ہوگا- لوگوں اکثریت (بشمول یورپ، امریکہ، آسٹریلیا وغیرہ کے) کتابیں تفریح کے لیے پڑھتے ہیں نہ کہ حصولِ علم کی خاطر، انٹر نیٹ کی تشریف آوری سے پہلے اور بعد بھی جاسوسی، رومانی، سنسنی خیز، حیجان انگیز وغیرہ وغیرہ اور معافی طلب کرتے ہوئے عرض کروں گا کہ جنسی موضوعات پر پڑھنا سننا اور دیکھنا پسند کرتے ہیں، کیا ایسی کتب پڑھنے، ایسی فلمیں دیکھنے وغیرہ کا کوئی فائدہ ہے ؟ سوائے تفریح کے، اپنی نفسانی خواہشات کی تکمیل کے اور ” ذہنی عیاشی” کے ؟؟؟ اس بات کے ثبوت کے طور پر عرض کروں گا کہ دنیا بھی کی ویڈیو لائیبریریز میں سے کوئی ایک بظور نمونہ دیکھ لیجیے، ہر سال نئی ریلیز ہونے والی ہالی وڈ، بالی وڈ، کالی وڈ کی فلمیں دیکھئیے، یہی موضوعات نظر آئیں گے، کتب خانے چونکہ کتابوں کا ذخیرہ ہوتے ہیں وہاں ہر قسم کی کتاب پڑی مل جائے گی –

    کتابیں ضرور پڑھنی چاہیں، فلمیں بھی ضرور دیکھنی چاہیں، انٹرنیٹ پر surf کرنا بھی آج کل تقریباً واجب ہو چکا ہے، سب ٹھیک ہے لیکن موضوعات کا انتخاب نہایت اہم ہے، یقیناً یہ بات سب ہی کے مدِ نظر ہے لیکن اپنے بچوں کو بھی یہ نکتہ سمجھاتے رہیے –

  14. دراصل عزیزم مناف۔ کتاب شناسی تو بہت آگے کا عمل ہے۔ پہلے کتب بینی یعنی کتاب پڑھنے کی طرف تو لوگوں کو راغب کیا جائے۔ میں اس سے اتفاق کرتا ہوں کہ صرف کسی بھی کتاب کو پڑھ لینا ہی کافی نہیں ہے بلکہ اس کتاب میں کیا ہے اسکو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے لیکن کتب شناسی تو مسلسل کتب بینی سے ہی آئے گی۔ مجھ طالب علم سمیت کوئی بھی پہلی کتاب پڑھنے کے ساتھ ہی کتب شناسی کی منزل پر نہیں پہنچ سکتا۔ یہ تمام عوامل بتدریج ہیں۔ انشااللہ جب کوئی بھی ایک فرد اپنی افتاد طبع کے مطابق کتاب کا انتخاب کرے گا،پھر اسے پڑھے گا تو آہستہ آہستہ کتب شناسی کی منزل بھی ا جائے گی۔ ایتھلیٹکس میں یوں تو ایک سو میٹر کی دوڑ سب سے مختصر ہوتی ہے لیکن یہی سب سے مشکل ترین ہے اور اسی کے جیتنے والے کو دنیا کا تیز ترین دوڑنے والا قرار دیا جاتا ہے۔

  15. جی قبلہ ہمدانی صاحب ! بالکل درست فرمایا آپ نے کہ ” کتاب شناسی تو بہت آگے کا عمل ہے۔ پہلے کتب بینی یعنی کتاب پڑھنے کی طرف تو لوگوں کو راغب کیا جائے۔”

    میں نے ہی غلط اصطلاح استعمال کی ” کتاب شناسی” کی، میں کہنا کچھ اور چاہ رہا تھا اور یہی کہ :

    کتاب کا انتخاب درست ہونا چاہیے،
    موضوع کا تفریحی سے زیادہ علمی ہونا فائدہ مند ہے،
    فضول موضوعات سے گریز ناگزیر ہے،
    وغیرہ

    اور یہ سب احتیاطیں کتاب پڑھنے سے پہلے ضروری ہیں- کتب شناسی کا مطلب تو یہ ہوگا کہ کوئی مثلاً طب کے موضوع پر کسی کو ایک اچھی کتاب تب ہی تجویز کرسکتا ہے جب خود اس موضوع پر کم از کم بیسیوں کتابیں پڑھ چکا ہو –

    اصلاح کا بہت شکریہ

  16. جی مناف بھائی. جزاک اللہ. وہ کہتے ہیں نا کہ…..جائے استاد خالییست….تو آپ کا یہی معاملہ ہے اور سچ کہوں یہی وہ چیزیں ہیں جو میں آپ سے سیکھتا ہوں. مولا آپکے مخفی علم میں مزید اضافہ کرے کہ ظاہری علم کا مخزن ہے مخفی علم ہے.

  17. السلام علیکم احباب مجلس
    بہت اچھا بلاگ اور بہت اہم پہلو کی جانب توجہ دلائی گئی ہے.
    ہمارے معاشرے سے کتاب واقعی ناپید ہوتی جا رہی ہے، جہاں تک میں نے دیکھا ہے میرے ارد گرد کے ماحول میں ، چاہے وہ یونیورسٹی کا موحول ہو یا اس کے بعد ……….. صرف چند افراد میں نے ایسے دیکھے ہیں جو کتاب کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں…
    ..
    میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں کتاب کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزار سکتا، بطور خاص جب سے انٹر نیٹ کا استعمال شروع کیا ہے… ایک طویل وقفے کے بعد میں نے پہلی بار ایک کتاب پڑھ کر ختم کی ہے.. ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی تجویز کے مطابق آپ کو آگاہ کئے دیتا ہوں اس حوالے سے ..

    کسی دوست نے مشورہ دیا کہ مسلمانوں کے موجودہ دینی نظام تعلیم کو کسی حد تک سمجھنے اور مستقبل کے لئے مطلوبہ لائحہ عمل کے حوالے کچھ آگاہی کرنی ہو تو بیرسٹر ظفر اللہ خان کی کتاب ”کسی اور زمانے کا خواب“ ضرور پڑھیں.
    ان کی تحریک پر میں نے وہ کتاب حاصل کی اور 147 صفحات پر مشتمل یہ کتاب کم و بیش ایک ہفتے میں مکمل کی…کتاب کل سات ابواب پر مشتمل ہے. اس مین انسانی تہذیب ہر اسلام کے اثرات، موجودہ دور کا چیلنج، موجودہ حالت اور آئندہ کا لائحہ عمل بارہ نکات کی صورت میں پیش کیا گیا ہے..

    بنیادی طور پر یہ کتاب بیرسٹر ظفر اللہ خان کا علماء کرام سے کیا گیا ایک خطاب ہے… ملک کے نامور اہل دانش کے تبصروں کے ساتھ ایک اچھی کتاب ہے … مجھے بہت اچھی لگی..

    میری خواہش ہے کہ دل درمند رکھنے والے اس کتاب کو ضرور پڑھیں بطور خاص وہ جو اسلامی نظام تعلیم میں بہتری کے لئے کچھ کردار ادا کرنا چاہتے ہون.

    ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی ایک تجویز کتابیں بدلنے کی بھی ہے، لیکن میں نے چونکہ یہ کتاب لائبریری سے لی تھی اس لئے فی الحال یہ ممکن نہیں..

    و السلام
    راجہ اکرام
    آ

  18. برادر راجہ اکرام.آپ نے یہ سب تحریر کر کے بہت اچھا کیا. یہی تو چراغ سے چراغ جلانا ہے. اللہ ہم سبکو علم کے حصول کی طرف راغب کرے.آمین

  19. ابھی تک کس نے عابدہ صاحبہ کی مدد نہیں کی کہ وہ بلاگ میں خود اردو لکھ سکیں۔اس لیئے اخبار کے متعدد کاموں سمیت مجھے انکی بات کو یہاں رومن سے اردو رسم الخط میں ٹائپ کر کے لگانا پڑ رہا ہے جو ظاہر ہے اس طرح زیادہ دیر نہیں چل پائے گا۔ از راہ کرم احباب میں سے کوئی بھی ہماری سویڈن کی ساتھی عابدہ مظفر کی اس ضمن میں مدد کریں۔۔۔۔۔۔صفدر ھمدانی
    آپ سب کے تبصروں کے جواب میں عابدہ صاحبہ لکھتی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔اتنے اچھے تبصرے پڑھنے کے بعد عالمی اخبار کو مبارکباد۔جو دوست اس موضوع میں دلچسپی رکھتے ہیں انکو بتانا چاہتی ہوں کہ ایک دوسرے کے ساتھ کتابیں تبدیل کرنے سویڈن میں سال میں دو دن مقرر ہوتے ہین اور اس بار یہ ایام پچیس اپریل اور نمبر کا آکر ہیں۔
    اس روز سب لوگ وہ کتابیں جو پڑھ چکے ہیں اور بدلنا چاہتے ہیں مختلف لائبریریوں میں لے جاتے ہیں۔ان میں مختلف زبانوں اور موضوعات کی کتب ہو تی ہیں۔اس موقع پر لوگ کتب کے بارے میں ایک دوسرے سے تبادلہ خیال بھی کرتے ہیں۔ایسے میں اپنی پسند کی کتابیں لانے سے گھر کی الماری کو نئی کتابیں اور نئے رنگ بھی مل جاتے ہیں۔
    عالمی اخبار کی برادری سال میں ایک بار لندن میں مل کر اسی کام کی ابتدا کر سکتی ہے۔کیاخیال ہے؟

  20. # صفدر ھمٰدانی نے کہا ہے:
    February 26, 2010 بوقت 10:16 am

    برادر راجہ اکرام.آپ نے یہ سب تحریر کر کے بہت اچھا کیا. یہی تو چراغ سے چراغ جلانا ہے. اللہ ہم سبکو علم کے حصول کی طرف راغب کرے.آمین
    …..

    حوصلہ افزائی کا شکریہ مکرمی صفدر ہمدانی صاحب
    محتاج دعا و اصلاح
    راجہ اکرام

  21. پیاری عابدہ مظفر جی خوش امدید تا خیر سے انے پر معزرت چاہوں گی دراصل میرے تایا ابو کے 15 دن کے اندراندر 2 جوان بیٹوںکا انتقا ل اہوگیا تھا جس کی وجہ سے پریشان تھی اور عا لمی اخبار کے محترم دوستوںکی زیارت سے بھی محروم رہی۔۔۔
    خیر اپ نے کتاب سے دوستی کا اچھا اغاز لیا اپ کے لیے بہت سی نیک تمنائیں ۔۔۔۔۔

  22. اہلِ بلاگ کی خدمت میں سلاو عرض ہے
    آءیے اس بحث میں آگے بڑھتے ہوءے جون ایلیا کو پڑھتے ہیں

    تم جب آؤ گی تو کھویا ہوا پاؤ گی مجھے
    میری تنہائی میں خوابوں کے سوا کچھ بھی نہیں
    میرے کمرے کو سجانے کی تمنا ہے تمہغیں
    میرے کمرے میں کتابوں کے سوا کچھ بھی نہیں

    ان کتابوں نے بڑا ظلم کیا ہے مجھ پر
    ان میں اک رمز ہے جس رمز کا مارا ہوا ذہن
    مژدہء عشرتِ انجام نہیں پا سکتا
    زندگی میں کبھی آرام نہیں پا سکتا
    ،،،،،،،،،،،،
    تمام کتب بینوں کے لئے اس دعا کے ساتھ کہ وہ کتب بینی کے اس رمز کو کبھی نہ پہنچیں جہاں پہنچ کر ہمارا ایک بڑا شاعر اور با کمال نثر نگار خون تھوکتا مر گیا

    رنگ ہر رنگ میں ہے داد طلب
    خون تھوکوں تو واہ واہ کیجئے (جون ایلیا)

    دعاؤں کا طالب
    یعسوب الحسن

  23. ایک سمت یہ بھی ہے کہ:
    کھڑا ہوں آج بھی روٹی کے چار حرف لیے
    سوال یہ ہے کتابوں نے کیا دیا مجھ کو!
    (سدرش فاکر)

  24. سلام
    امر فیاض صاحب …. روٹی کے ذکر سے مجھے بھی نواز دیوبندی کا ایک شعر یاد آ گیا کہ

    فاقوں نے تصویر بنا دی آنکھوں میں
    گول ہو کوئی بھی چیز تو روٹی لگتی ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *