قرآن پاک میں ارشاد ہے
” وہی ہے جس نے تمھارے لئے سمندر کو مسخر کر رکھا ہے تاکہ تم اس سے تازہ گوشت نکال کر کھاؤ”
پاکستان میں 2009 کے اعدادوشمار کے مطابق مچھلی کی مجموعی پیداوار 6 لاکھ ٹن رہی ہے۔ اس میں سے 4 لاکھ ٹن سمندری مچھلی بھی شامل ہے ۔ ہمارے ہاں خاص طور پر پنجاب میں کوئی خاص فش لیبارٹریز نہیں ہیں جہاں پر فش کوالٹی کو چیک کیا جا سکے۔
پنجاب کے دریاؤں میں جہاں پانی نہایت کم ہے وہاں جو پانی موجود ہے وہ پانی بری طرح متاثر ہو رہا ہے یعنی اس میں نہ صرف فیکٹریوں کا اخراج شدہ پانی بلکہ شہر بھر کا سیوریج کا گندا پانی بھی دریاؤں میں گرایا جاتا ہے اور بڑی تعداد میں ہسپتالوں کا ویسٹ میٹریل بھی انہی دریاؤں کی طرف جاتا ہے۔لیڈ ، مرکری، آرسینک موجود ہوتا ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے مضر ہے۔ یہ دھاتیں مچھلی پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہیں۔ اس طرح کے آلودہ پانی میں پرورش پانی والی مچھلیاں کھانے سے ہیپاٹائٹس، ٹی بی، کینسر اور جلد کی بیماریاں لگتی ہیں۔
جس کا سب سے بڑا نقصان مچھلی کی پیداوار پر ہوتا ہے لیکن اس پر توجہ نہیں دی جا رہی اور نہ ہی حکومت کی طرف سے کوئی پالیسی مرتب کی جارہی ہے جس سے اس سنگین مسئلے پر قابو پانے کے لئے تراکیب استعمال کی جائیں

نادیہ بی بی آپ بھی کسی معصوم روح ہیں۔اور اسکی دلیل آپکا یہ لکھنا ہے کہ ”اس پر توجہ نہیں دی جا رہی اور نہ ہی حکومت کی طرف سے کوئی پالیسی مرتب کی جارہی ہے جس سے اس سنگین مسئلے پر قابو پانے کے لئے تراکیب استعمال کی جائیں ”۔ اچھا چلیں ذرا یہ بتائیں کہ حکومت مرکزی ہو یا صوبائی یا پھر بالکل نچلی سطح کی۔۔۔آخر اس نے کس شعبے کے لیئے کون سی پالیسی بنائی ہے جو ماہی پروری کے شعبے کے لیئے بنے گی۔ یہ تو وہ خوش قسمت ملک ہے جہاں دریائے سندھ کی منفرد ڈولفن معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے۔ اس مچھلی کی اندازاً تعداد محض 1,300 ہے اور یہ صرف اپنے ہم نام دریا میں ہی پائی جاتی ہے۔ صوبہ سندھ کے جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوع کو غالباً سب سے زیادہ خطرہ پانی کی گرتی ہوئی سطح سے ہے۔

دریائے سندھ واحد جگہ ہے جہاں تقریباً اندھی ڈولفن کی یہ نایاب قسم پائی جاتی ہے۔ اس ڈولفن میں آنکھوں کے عدسے نہیں ہوتے اور پتلیاں محض سوئی کے سوراخ کے برابر ہوتی ہیں۔ یہ ڈولفن دریائے سندھ کے گدلے پانی میں خوراک کی تلاش اور راستہ بنانے کے لئے مکمل طور پر آواز کی گونج پر انحصار کرتی ہیں۔ دریائے سندھ کی ڈولفن میں منہ کا آگے کو نکلا ہوا لمبا حصہ ہوتا ہے اور یہ ایک چھوٹی اور کمر کے کم ابھار والی مچھلی ہے۔ اس کے پنکھ چوڑے ہوتے ہیں اور ایک بالغ مچھلی کا وزن 70 سے 90 کلوگرام کے درمیان ہوتا ہے۔ ان کے تیرنے کی رفتار سست ہوتی ہے لیکن وہ زوردار جھٹکے سے آگے بڑھ سکتی ہیں۔
ڈولفن دریائے سندھ میں سکھر اور گدو بیراجوں کے درمیان سو میل کی پٹی پر محدود علاقے میں پائی جاتی ہے اور اسے ‘سندھ کی سوسو’ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
پاکستان ایڈونچر فاؤنڈیشن (پی اے ایف) نے اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی جزوی مالی امداد سے معدومیت کے خطرے سے دوچار انواع سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لئے ربڑ کی کشتیوں پر مشتمل آبی مہموں اور سیر کے پروگراموں کا ایک منصوبہ شروع کیا۔
بین الاقوامی جنگلی حیات فاؤنڈیشن (ڈبلیو ڈبلیو ایف) پاکستان نے ڈولفن کی اس نسل کو محفوظ کرنے کے لئے دریائے سندھ کے زیریں طاس کے ماحولی نظام کی فطری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور امدادی سرگرمیوں کے ذریعے ساحلی کٹاؤ کو کم کرنے کا ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔
انڈس ڈولفن قصداً اور حادثاتی دونوں طرح کے استحصال کا شکار رہی ہے اور یہ دودھ پلانے والی مچلھیوں کی ان پانچ انواع میں سے ایک ہے جو ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔
مزید کیا کہیں کہ جہاں انسان کی جان کی قیمت کچھ نہ ہو ورنہ مچھلیوں کی بقا پر کون توجہ دے گا
یوں تو تقریباً ہر شعبہ زندگی میں حکومت کی طرف سے کسی بھی کام پر کوئی چیک اینڈ بیلنس والا ترازو مقرر نہیں، جبکہ ہر شعبہ اور محکمہ ہزاروں افسروں اور ماتحت عملہ کے ساتھ اس کام پر متعین ہیں، ان مذکورہ لوگوں کو حرام کھانے میں جتنا مزہ آ تا ہے مچھلی کھانے میں اتنا مزہ نہیں آتا ، پھر کیوں اس آبی مخلوق کی طرف توجہ دیں ، محترمہ نادیہ بخاری صاحبہ نے ایک نہایت ہی اہم موضوع پر متعلقہ حکاّم کی توجہ مبزول کروائی ہے ۔ دریاؤں اور نہروں کا پانی صاف رکھنے کیلئے خطرناک زہریلہ پانی دریا ؤں اور نہروں میں ڈالنے والی ہزاروں فیکٹریوں کو روکا گیا تو ان حرام کھانے والوں کا کروڑوں روپے ماہانہ حرام کا بھتہ ختم ہو جائے گا ۔
محترم صفدر ھمٰدانی صاحب نے نادیہ بخاری صاحبہ سے بہت صحیح سوال کیا ہے کہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اچھا چلیں ذرا یہ بتائیں کہ حکومت مرکزی ہو یا صوبائی یا پھر بالکل نچلی سطح کی۔۔۔آخر اس نے کس شعبے کے لیئے کون سی پالیسی بنائی ہے جو ماہی پروری کے شعبے کے لیئے بنے گی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور آخر میں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جہاں انسان کی جان کی قیمت کچھ نہ ہو وہاں مچھلیوں کی بقا پر کون توجہ دے گا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ یقیناً لمحہ فکریہ ہے ۔
اس خطرناک دریائی پانی سے نہ صرف آبی مخلوق بلکہ اس پانی کو پینے والے تمام انسان، حیوان، چرند پرند، حشرات الارض، سبزیاں، اجناس، فروٹ ، ذرعی زمینوں کے رنگ ہماری نئی نئی بیماریوں کی شکل میں ہم پر مسلط ہیں بلکہ ماحول کی آلودگی بھی ایک خطرناک روپ میں ہمارے سر پر سوار ہے ۔
ان بیماریوں کی تشخیص اور علاج کیلئے قوم کے ہمدرد اور 100 فیصد حلال کھانے والے ایماندار لیڈر ہر مہینے دو مہینے بعد سرکاری دورے کے لباس میں یورپ امریکہ وغیرہ جاتے رہتے ہیں ۔ جبکہ عوام اپنے کوڑھی نما لیڈرز کی تندرستی کے لئے دعاؤں اور آٹے روٹی چینی وغیرہ کی تلاش میں زندہ رہتے ہیں ۔ اور جسے مرنا ہوتا ہے وہ پاکستان کے دریائی و نہری پانی کی مچھلی کھا لیتا ہے ۔
محمد علی خان صاحب۔جزاک اللہ۔ بہت خوب۔ بس سرجن کا کام سرجری ہی تو ہے،سرجن تعویز گنڈا نہیں کرتا وہ بس سرجری کرتا ہے اور اگلے مالی سال میں ہم آپکو تنخواہ کے بغیر چیف سرجن مقرر کرنے والے ہیں۔ بہت پیشگی اطلاع دی ہے تاکہ اگر بچ سکیں تو بچ جائیں۔
السلام علیکم
جب نادیہ نے یہ بلاگ بنایا میں یہی سوچ رہی تھی کے اس پر کیا لکھوں اگر اپنی کم علمی کی بناء پر میں یہاں یہ لکھتی ہوں کے نادیہ آپ مچھلی کی پرورش کی بات کرتی ہیں جو کے آبی مخلوق ہیں ۔یہاں زمینی مخلوق جو کے زمینی حکمرانوں کے ہاتھوں روز جی جی کے مر رہی ہے اس پر توجہ نہیں دی جا رہی ۔مگر پھر اس طرح کا کچھ لکھنے سے پہلے میں نے خود ہاتھ روک دیا کے کہیں نادیہ یہ نا کہیں کے ماریہ ہمیشہ حکمرانوں کا رونا روتی ہیں میرے بلاگ کے عنوان سے ہٹ کر دوسری گفتگو شروع کر دیتی ہیں اس لیئے بس انتظار ہی کرتی رہی کے پہل کون کرتا ہے )
اور اتنے اہم معضوع پر ہمیشہ کی طرح ہمدانی صاحب نے شاندار طریقہ سے اس عنوان پر لکھ کر اس بلاگ میں جان ڈال دی ۔اور ہماری معلومات میں مزید اضافہ کیا
ذندہ باد ہمدانی صاحب
صفدر ھمٰدانی صا حب اپ نے ڈلفن کا زکر کر کے موضوع میں وسعت پیدا کر دی ہے
دیکھیں بات ہو رہی ہے ماہی الودگی کی جس کا براہ راست اثر ہم مچھلی کھانے والوں پر ہو رہا ھے ہم بڑے شوق سے دریا کی مچھلی کھاتے ہیںلیکن دریائی پانی متعفن ہونے کے باعث خطرناک حد تک مچھلیوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔ اور جن بیماریوں کا میں نے زکر کیا وہ ان مچھلیوں کے کھانے سے پیدا ہورہی ہیں
اور حکومت نے با قاعدہ طور پر محکمہ فشریز بنا یا ہو ا ہے اب کی بار اس محکمہ نے چشمہ بیراج کا مچھلیوںکا ٹھیکہ جن لوگوں کو دیا ہے وہ ساڑھے سات کروڑ ھے اس طرح راوی اور دیگر دریاوں کے با قاعدہ ٹھیکے صوبائی حکومت لیا کر تی ہے جب میں نے اس موضوع پر کام شروع کیا تو محکمہ فشریز نے اپنی غلطی تسلیم کی کہ انھو ں نے ابھی تک اس اہم مسئلے پر توجہ نہیں دی اور مجھے امید بھی دلائی گئی کہ اب جو پالیسی بنائی جائے گی اس میں باقاعدہ طور پر اس سنگین مسئلے کو زیر غور لایا جائے گا۔۔
محمّد علی خان صاحب افسوس تو اس بات پر ھے کہ ھکومت کا یہ محکمہ جو اتنا اچھا خا صہ کما رہا ہے فش کوالٹی کی کوئی لیبارٹری نہیں بنا پایا
نادیہ بی بی جب عوام انکی لیبارٹری ہیں تو انہیں دوسری کوئی لیبارٹری بنانے کی کیا ضرورت ہے۔
محترمہ بہن نادیہ صاحبہ ! میں سوچ ہی رہا تھا کہ کیا اور کیسے لکھوں کہ ہمدانی صاحب نے میری سوچ کئی سو کلومیٹر دور سے پڑھ لی اور بہترین انداز میں وہ بات کہہ ڈالی جسے کہنے کے لیے مجھے الفاظ ہی نہیں مل رہے تھے، سندھ کی اندھی ڈولفن کے بارے میں تحریر بھی بہت معلوماتی ہے –
ہمدانی صاحب قبلہ ! آپ کا بہت بہت شکریہ میرے دل کی بات کو لکھ ڈالنے کا، دیگر تمام معلومات کا لیکن سب سے بڑھ کر جناب محمد علی خان صاحب کی بطور چیف سرجن کی تقرری کا (تنخواہ کا معاملہ چونکہ آپ دونوں کا نجی ہے اس لیے اس پر میں کچھ نہ کہوں گا).
کسی نے اونٹ سے پوچھا کہ ” آپ کے ہونٹ اتنے بے ڈھنگے کیوں ہیں؟ ” تو اونٹ نے جواب دیا تھا کہ “میری کون سی کل سیدھی ہے جو تم ہونٹوں کی بات کر رہے ہو ؟؟ ”
ہم اپنے پاک وطن کے کس کس شعبے کی بے ترتیبیوں اور بے ڈھنگیوں کا رونا روئیں ؟؟ جس ملک کے حکام، لٹیرے بن چکے ہوں یا لٹیرے، حاکم بن گئے ہوں، جہاں چور اور سپاہی میں کوئی تمیز نہ رہ گئی ہو ، جہاں دین اور مذہب تک کو اتنا بگاڑ دیا گیا ہو کہ اللہ کے دین اور شیطانیت میں کوئی فرق نظر نہیں آرہا، وہاں ہم ماہی آلودگی کی بات کریں یا ملک آلودگی کی؟؟
بہن جی آپ بُرا نہ منائیے میری بات کا آپ نے موضوع بہت اچھا شروع کیا ہے لیکن میری عرض کا مقصد یہ ہے کہ جہاں حکومت خائن ہو، جہاں کی سیاست ہی بگڑ چکی ہو، جہاں ملک کا پورا نظام ہی درہم برہم ہو وہاں کسی ایک محکمہ کو کسی ایک خامی کمزوری کی نشاندہی کر بھی دیں تو فائدہ کیا ہوگا ؟؟
کچھ نہ کرنے سے کچھ نہ کچھ کرنا بے شک بہتر ہے ، لیکن جیسا کہ پہلے بھی عرض کر چکا ہوں ہم اگر ایک ایک اینٹ کرکے صفائی کریں گے تو دوسری یا تیسری اینٹ تک پہنچتے پہنچتے پہلی اینٹ پھر میلی ہو چکی ہو گی کیوں کہ سارا گردوپیش آلودہ ہے، مسئلہ کا حل صرف اور صرف یہ ہے کہ عوام مل کر بیک وقت پورے کے پورے مکان کو دھو ڈالیں-
واہ قبلہ مناف صاحب. ایک ایک لفظ درست
لیکن کیا ہم نے یہ بھی سوچا ہے کہ جس معاشرے میں ” دل دا جانی اور چن ماہی” آلودہ ہو جائے وہاں اس آبی ماہی کا کون سوچے گا، اللہ اکبر ایک وہ مچھلی تھی جس نے ایک نبی کو اپنے پیٹ میں اتار لیا اور ایک بیچاری یہ مچھلی کہ جسے سانس لینے کے لیئے آلودہ پانی،آلودہ ہوا،آلودہ ماحول اور آلودہ سرکاری پالیسی میسر ہے. دنیا ساری عدم تفاوت سے ہی تو بھری پڑی ہے یہاں تک کہ مچھلیوں میں بھی مساوات نہیں.
میرا خیال ہے کہ ہم بھی سب مل کر وہی کلام الہی پڑھیں جو اللہ کے نبی حضرت یونس نے پڑھا تھا اور مچھلی نے انہیں ساحل پر اگل دیا۔
لا الـہ الا أنت سبحانك اني ڪنت من الظالمين
محترم جناب صفدر ھمٰدانی صاحب ۔ ۔ ۔ السّلام و علیکم
بابا جی، آپ نے جہاں ایک طرف بندہ نا چیز کو اپنی روحانی و انتہائی شفقت کی ٹھنڈی چھاؤں میں چیف سرجن کا ایوارڈ عطا فرما کر دل کی تسکین والے وال اوپن کئے ، مگر دوسری جانب مستقبل قریب میں خطرناک و منحوس ستاروں کی گردش سے آگاہ فرما کر چیف سرجن بننے کی خوشیوں کی مہک چشم زدن میں غائب کر کے پاکستانی آبی مخلوق کی تباھی والے ہولناک سپر وائرس میرے دل میں پیدا کر دیئے ہیں ۔
آپکے مشتری ہوشیار باش والے اس طوفانی اعلان نے مجھے اس مقام پر لا پھینکا ہے جہاں ایک جانب گہرے دریا میں محکمہ فشریز و آبی مخلوق کے سرکاری مگرمچھ اپنے نوکیلے جبڑے کھولے بیٹھے ہیں جبکہ دوسری جانب آگ ہی آگ ہے۔ اور بندہ حقیر اس ہیبتناک اور ڈراؤنے وقت میں یہ روحانی گیت گانے پر مجبور ہے کہ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
افسراں وزیراں نوں ڈراواں یا پولس پرچہ درج کراواں
اس خطرے توں خود نوں تے سارے لوکاں نوں بچاواں
گندے پانی وچ نہاواں یا مرضاں والی مچّھی کھاواں
میں کیہڑے پاسے جاواں ، میں کتھّے منجی ڈاہواں
لگتا ہے مجھ پر بھی کسی ظالم نے کالا جادو کروایا ہے ۔
بابا جی آپ سے دست بستہ عرض ہے کہ ان خطرناک حالات سے بچنے کے لئے مجھے ایسا ہی کوئی تیر بہدف وظیفہ عنایت فرما دیجیئے جیسا کچھ روز قبل آپ نے صدر پاکستان کے لئے اسمبلی ہال اسلام آباد کو پوسٹ کیا تھا ۔ آپکی از حد مہربانی ہوگی ۔
نادیہ جی بات تو آپکی غور کے لائق ہے لیکن یہ بھی تو سچ ہے کہ پاکستان میں انسان کی کوئی قدر نھیں کرتا تو مچھلییوں کی پروا کون کرے گا۔ ہونے کو تو کیا نہیں ہونا چاہئے لیکن اصل مسلہ حکمرانوں کی نیت کا ہے۔ کاش مچھلیوں کے ساتھ ساتھ ہمارے ہاں انسانوں کی بھی سنی جائے