پاکستان ایک صدی بعد

امریکہ میں ای۔بی۔ایم کے دو ذہین افراد کے درمیان نیٹ پر چیٹ ۔

جوزف : ہیلو مارک ۔ کل تم آفس نہیں آئے تھے ؟ خیریت؟

مارک: ہاں یار۔ میں پاکستانی ایمبیسی گیا تھا۔ ویزہ لینے۔

جوزف : اچھا واقعی ؟ پھر کیا ہوا ؟ میں نے سنا ہے آجکل انہوں نے بہت سختیاں کردی ہیں ۔
مارک : ہاں ۔ لیکن میں نے پھر بھی کسی نہ کسی طرح لے ہی لیا۔

جوزف: بہت اچھے یار۔ مبارک ہو۔ یہ بتاؤ کہ ویزہ پراسیس میں کتنا وقت لگا ؟

مارک : بس کچھ مت پوچھو یار۔ تقریباً مہینہ بھر لگ گیا۔ پہلی بار جب میں پاکستان ایمبیسی گیا تھا تو صبح 4:30 پر وہاں پہنچا۔ پھر بھی مجھ سےپہلے 10 لوگ کھڑے تھے۔ لمبی قطار۔ اور ہاں مجھ سے کچھ آگے بل گیٹ بھی اپنا پاسپورٹ اور بنک سٹیٹمنٹ ہاتھ میں لیا لائن میں کھڑا تھا۔

جوزف : اچھا۔ بل گیٹ کو ویزہ مل گیا ۔

مارک : نہیں۔ انہوں*نے خطرہ ظاہر کیا ہے کہ بل گیٹ پاکستان جانے کے بعد وہاں سلپ ہوجائے گا اور امریکہ واپس نہیں آئے گا۔

جوزف : یار ۔ پاکستانی ایمبیسی کو ایسا نہیں کرنا چاہیئے۔ اسلام آباد میں ہماری امریکن ایمبیسی تو پاکستانیوں کو ایک گھنٹے میں ویزہ دے دیتی ہے۔ پھر یہ کیوں*ایسا کرتے ہیں ؟

مارک : ارے یار ۔ تمھیں تو پتہ ہے پاکستان اس وقت دنیا کی سپر پاور ہے۔ اسکا ویزہ لینا گویا مریخ کا ویزہ لینے کے برابر ہے۔ اور پھر قصور ہمارا امریکیوں کا بھی ہے۔ ہم بھی وہاں وزٹ ویزہ پر جاکر واپس نہیں آتے نا۔

جوزف : اچھا یہ بتاؤ ۔ تمھیں ویزہ کیسے مل گیا ؟

مارک : میں نے وہاں کی مشہور فرم ‘پھالیہ شوگر ملز لمٹیڈ’ سے بزنس وزٹ کا انویٹیشن منگوایا تھا۔ بس اسی بنیاد پر کام بن گیا۔

جوزف : ایک بار پھر مبارک ہو۔ یہ بتاؤ کب جا رہے ہو پاکستان ؟

مارک : جیسے ہی ٹکٹ ملا۔ دراصل میں نے دنیا کی مشہور ترین اور اعلی کلاس کی ائیر لائن میں* ٹکٹ کے لیے درخواست دی ہے۔ میرا بچپن سے خواب تھا کہ کسی دن پاکستان انٹرنیشنل ایر لائنزPIA میں سفر کر سکوں۔ اگر ٹکٹ مل گیا تو میرا دیرینہ خواب پورا ہوجائے گا۔
جوزف : پاکستان میں کتنا عرصہ رکو گے ؟

مارک : کتنا عرصہ ؟ کیا مطلب ؟ مجھے کسی پاگل کتے نے کاٹا ہے جو پاکستان چھوڑ کر واپس امریکہ آنے کی سوچوں گا۔ حقیقت یہ ہے کہ میں نے انٹرنیٹ پر چیٹ کے ذریعے پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور کے مضافات میں ایک صحت افزا مقام ‘کامونکی’ کی ایک لڑکی سیٹ کر لی ہے۔ میں اس سے شادی کرکے گرین پاسپورٹ اپلائی کردوں گا اور وہیں سیٹ ہوجاؤں گا۔

جوزف : یار تم بہت خوش قسمت ہو۔ لیکن تمھارے ماں باپ کا کیا ہوگا۔

مارک : پاکستانی گرین پاسپورٹ مل جانے کے بعد میں ماما-پاپا کو بھی وہیں بلا لوں گا۔
جوزف : کس شہر میں رہنا پسند کرو گے ؟

مارک : کامونکی والی لڑکی نے مجھے کہا ہے کہ پنجاب سٹیٹ صحت و صفائی کے اعلی معیار کی وجہ سے ویسے تو دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ لیکن ہم کراچی سیٹل ہوں*گے۔ وہاں آپرچیونٹیز بہت ہیں۔ پتہ ہے نا ؟ کراچی اس وقت دنیا میں ٹریڈ اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے اول نمبر کا شہر ہے۔ اور وہاں کا 660 منزلہ حبیب بنک پلازہ دیکھنا بھی میری زندگی کی بہت بڑی خواہش ہے۔ سنا ہے اسکی اوپرکی 200 منزلیں بادلوں*میں ڈھکی رہتی ہیں۔ واؤؤؤؤؤؤؤؤؤؤو واٹ آ ڈریم یار۔

جوزف : اچھا یہ بتاؤ اپنے ساتھ کتنے ڈالرز لے کر جاؤ گے ؟

مارک : ڈالرز ؟ وہاں کون پوچھتا ہے۔ تمھیں پتہ ہے ایک پاک-روپے کے مقابلے میں آجکل 210 ڈالرز بنتے ہیں۔ یعنی میری اگر وہاں 10 ہزار پاکستانی بھی تنخواہ نکل آئی تو امریکہ میں چند مہینوں میں لاکھوں پتی بن جاؤں گا۔

جوزف : میں نے سنا ہے پاکستان کا لائف سٹینڈرڈ بہت اعلی ہے۔

مارک : ہاں۔ ایسے ہی ہے۔ وہاں پرBMW لکژری کار 25 ہزار پاک روپے میں ، جبکہ مرسٹڈیز 32 ہزار میں مل جاتی ہے۔ لیکن مین تو سوزوکی یا چنگچی لوں گا۔ خالصتاً پاکستانی میڈ آٹوز ہیں۔ کچھ مہنگی ہیں لیکن بہت اعلی کلاس کی ہیں۔
البتہ کراچی میں فلیٹ بہت مہنگے ہیں۔ اور کوئی بھی بلڈنگ 100 فلور سے کم تو ہے ہی نہیں۔ انسان ہر وقت خود کو فضاؤں میں اڑتا محسوس کرتا ہے۔

جوزف : اچھا یہ بتاؤ کہ وہاں کام کیا کرو گے۔

مارک : میں نے معلومات کی ہیں۔ وہاں پر آئی-ٹی میں بہت سکوپ ہے۔ لیکن تم تو جانتے ہو وہ ہمارے ملک کے تعلیمی معیار کو اپنے برابر نہیں سمجھتے اس لیے مجھے شروع میں وہاں کسی کسان کے ‘ گدھے’ وغیرہ نہلانے پڑیں گے۔ یا پھر ہوسکتا ہے کسی مشہور پارک کے دروازے پر ‘جوتے پالش ‘ کا کھوکھا ہی کھول لوں۔ کچھ نہ ہوا تو ٹیکسی کا لائسنس کرلوں گا۔ امریکہ سے تو پھر بھی کئی گنا بہتر کما لوں گا۔ اورہاں اگر میں وہاں کا گرین پاسپورٹ ہولڈر ہوگیا تو پھر ساری زندگی حکومت مجھے بےروزگاری الاؤنس اور میڈیکل سہولیات فری فراہم کرے گی۔ اور گرین پاسپورٹ کی بنا پر مجھے دنیا کے 80 فیصد ممالک میں بغیر ویزے کے وزٹ کرنے کی سہولت مل جائے گی۔

جوزف : بہت خوب ۔ یہ بتاؤ ۔ تمھیں انکی زبان کیسے آئے گی ؟

مارک : اوہ بھائی ۔ میں پچھلے 10 سال سے اردو لینگوئج سیکھ رہا ہوں۔ کالج میں آپشنل سبجیکٹ بھی اردو ہی لیا تھا۔ اور ہاں میں نے TOUFL بھی A گریڈ میں پاس کیا ہے۔

جوزف : یہ TOUFL کیا ہے ؟

مارک : Test Of Urdu as a Foreign Language

جوزف : تم بہت خوش قسمت ہو یار۔ کاش میں تمھاری جگہ ہوتا۔
سنا ہے وہاں پر ٹرین سسٹم بہت اچھا ہے۔

مارک : ہاں ۔ کراچی سے لاہور اور وہاں سے پشاور اور کوئٹہ کے لیے دنیا کی تیز ترین اور آرام دہ ترین ٹرین ‘تیز گام’ چلتی ہے۔ اس میں سفر کا بھی اپنا ہی مزہ ہے۔ اور لاہور میں ہی دنیا کا مشہور فلم سٹوڈیو لالی وڈ بھی ہے۔ جہاں پر میں دنیا کے عظیم اداکاروں سلطان راہی ، شفقت چیمہ اور ریما کے مجسمے دیکھوں گا۔ سنا ہے آجکل انکے بچے بھی فلم انڈسٹری میں ہیں۔
اور راولپنڈی میں دنیا کی سب سے بڑی اور گہری جھیل ‘راول ڈیم’ بھی ہے۔ اس میں بوٹنگ کرنا بھی مجھے ہمیشہ سے ہی خواب لگتا ہے۔ لیکن اب یہ خواب بھی حقیقت بن جائے گا۔
جوزف : سنا ہے ہمارا صدر اگلے مہینہ امداد لینے پاکستان بھی جائے گا ؟

مارک : ہاں۔ ایسا ہی ہے۔ اور قرضے بھی ری-شیڈول کروانے ہیں۔ پچھلے دنوں پاکستان کے محکمہ نسواریات کا منسٹر پختون خان ، وہائٹ ہاؤس آیا تھا تو 10 لاکھ روپے کا ڈونیشن تو صرف یہاں چلنے والے ایک منشیات کے ادارے کو دے گیا تھا۔ تاکہ ہماری نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ منشیات باآسانی مہیا ہوسکیں۔

جوزف : اچھا تمھیں یاد ہے ہمارا پرائمری سکول کا کلاس فیلو ‘پیٹر’ ۔ وہ بھی تو کہیں پاکستان میں سیٹ ہے۔

مارک : ہاں۔ وہ کوئٹہ کے قریب ایک وادی ‘ پوستان’ میں سیٹ ہے۔ سنا ہے پوسٹ کے کھیت سے پوست اکٹھی کرنے کا کام ہے اسکا۔ ایک ہی سیزن میں اتنا کما لیتا ہے کہ باقی 6 ماہ بیٹھ کر کھاتا رہتا ہے۔ عیش ہے اسکی تو۔

جوزف : یار میں بھی پاکستانی ویزہ کے لیے اپلائی کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے کچھ انسٹرکشن تو دو ؟
مارک : پاکستانی ایمبیسی میں ہمیشہ شلوار قمیض پہن کر جانا۔ وہ لوگ اپنے قومی لباس کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ اور کوشش کرنا کہ ویزہ کی درخواست انگریزی کی بجائے اردو میں پُر کرنا۔ اس سے بھی اچھا تاثر ملے گا۔
اور ایمبیسی میں داخل ہوتے ہی ‘السلام علیکم ۔ جناب کیا حال ہے ؟’ کہنا مت بھولنا۔
اس سے پتہ چلے گا کہ آپ کتنے مہذب ہو۔

جوزف : تھینک یو یار۔
مارک : تھینک یو نہیں شکریہ ۔ اب میں پاکستانی ویزہ ہولڈر ہوں۔ مجھے شکریہ کہنے میں فخر ہے ۔ خدا حافظ

کہیے دوستو ! کیسا لگا 3010 کا پاکستان ؟

21 thoughts on “پاکستان ایک صدی بعد”

  1. مجھے یہ والا پاکستان لینا ہے ۔۔ پلیز مجھے کوئی اب اس خوبصورت خواب سے نہ جگائے ۔۔

  2. میں یہ بھی بتاتی چلوں کہ یہ تحریر مجھے میرے بھائی عاصم نسیم نے لندن سے ای میل میں بھیجی تھی ۔۔ یقیننا اس کو بھی کسی نے بھیجی ہو گی ۔۔ مجھے اس تحریر کے خالق کا نام نہیں معلوم ۔۔ لیکن شکریہ ضرور ادا کرونگی کہ جس نے بھی لکھا ہے وہ ضرور ہی محب وطن پاکستانی ہے اور جس نے بھی اس تحریر کو ایک دوسرے کو بھیجا ہو گا اسے پاکستان سے ضرور ہی محبت ہو گی کہ محبت کبھی مایوس نہیں ہوتی ۔۔ اسے ہر آن معجزوں کا انتظار رہتا ہے ۔۔۔

  3. مجھے کسی پاگل کتے نے کاٹا ہے جو پاکستان چھوڑ کر واپس امریکہ آنے کی سوچوں گا

    سوچنا یہ ہے کہ کیا ایسا پاگل کتا پیدا ہو چکا ہے؟

  4. دل کے بہلانے کو نگہت یہ خواب اچھا ہے

    (محترمہ بہن ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ ! مصرعے کے وزن کے پیشِ نظر، آپ کا نامِ نامی اختصار سے لکھا، گستاخی نہ سمجھیے گا)

  5. ۔ ۔ ۔ ۔ مارک اور جوزف کے نام ۔ ۔ ۔ ۔
    مارک بیٹے : فلسطین، سوڈان، کشمیر، چیچینیا،عراق اور افغانستان کے بعد اب پاکستان کے ویزے کی خاطر تمہاری مسلسل بھاگ دوڑ سے ہمیں علم ہو گیا ہے کہ تمہارا یہاں آنے کا بنیادی مقصد ایسی چیز کی تلاش ہے جس کے پینے سے تم ہر قسم کی پریشانیوں سے عارضی طور پر اس طرح بے خبر ہو جاؤ جس طرح تمہارے 80 فیصد امریکی اپنے اصل باپ کے نام سے بے خبر ہوتے ہیں ، اور وہ تمہاری مطلوبہ چیز ہے مسلمانوں کا خون، جو ہر مسلمان ملک میں بہت کم اخراجات کے بدلے میں مل بھی جاتا ہے ۔ یہاں کہیں بھی ایک ڈرون حملے سے سو دو سو ڈرم تازہ خون جمع کرو اور مزے لے کر پیو اور سکون سے جیو ۔ مسلمان ممالک کے علاوہ یہ سکون فل اور انتہائی سستا لہو تمہیں کہیں نہیں ملے گا ۔ پاکستان کے میٹروپولیٹن شہروں میں قائم بلیک واٹر ہاؤسز میں بھی اس لہو کو سرخ واٹر کے نام سے ذخیرہ کیا جاتا ہے ۔
    مارک بیٹا ۔ ۔ ۔ ۔ اگر تم واقعی پاکستان سے قلبی محبّت کرتے ہو اور یہاں آکر پر مسرّت زندگی گزارنا چاہتے ہو تو سنو ، ابھی تو تمہیں صرف ویزہ ملا ہے ، یہاں آکر تمہارے حسیں خوابوں کا جب پیزہ بنے گا تو تمہارے چودہ طبق روشن ہو جائیں گے جس سے نہ صرف یہاں کی اندھیری گلیاں روشن ہونگی بلکہ تمہارے ماتھے کے پریشان فل پسینے اور تمہاری بھوری آنکھوں سے جاری حسرت بھرے موتیوں کی برسات سے خشک نہریں جل تھل ہو جائیں گی ، اللہ تمہارا یہاں جلد آنا مبارک کرے کہ ہمیں آجکل روشنی اور پانی کی اشد ضرورت ہے ۔
    جوزف کیلئے بہتری اسی میں ہے کہ وہ مارک کی صورتحال کا کم از کم ایک سال مطالعہ کر کے پاکستان یا کسی دیگر اسلامی ملک کے ویزے کے حصول کا فیصلہ کرے ۔

  6. ” آگاہ اپنی موت سے کوئی بشر نہیں
    سامان سو برس کا ہے، پل کی خبر نہیں”
    …
    قوم ، ملک ، سلطنت
    پائیندہ تابندہ باد
    شاد باد منزلِ مراد

  7. ارے میرے عزیز ہموطنوں یہ 3010 کا پاکستان ہے … یعنی سامان سو برس کا ، پل کی خبر نہیں .. لیکن خواب کو حقیقت تو بنایا جا سکتا ہے نا .. پھر چلیں سب آنکھیں کھولیں .. ہاتھ منہ دھو لیں اور پھر ناشتہ بھی کر لیں .. تاکہ مل کر سوچا جا سکے کہ اب پاکستان کو ایسا کییسے بنایا جا سکتا ہے … چلیں اٹھیں شاباش سب مل کر سوچیں اور عمل کریں گے تو یقیننا پاکستان مارک اور جوزف کے خوابوں والا بن سکتا ہے …

  8. باجی السلام علیکم
    عرض یہ ہے کہ
    ہونا تو وہی ہے جو مقدر میں لکھا ہے
    لیکن وہ میرے خواب میرے خواب میرے خواب

  9. نگہت بہن !

    اگر آدم علیہ السلام کو ابلیس سجدہ کر دیتا
    اگر لڑائی میں قابیل قتل کرنے کی بجائے مارا جاتا
    اگر نوح علیہ السلام کو قوم کا مقابلہ کرنے کے لیے بدعا کی ضرورت نہ پڑتی
    اگر نمرود کی بجائے ابراہیم علیہ السلام ایک بادشاہ ہوتے
    اگر فرعون کی بجائے موسٰی علیہ السلم فوجوں کے مالک ہوتے
    اگر عیسیٰ علیہ السلام دشمنوں کو صلیب پر قتل کرنے والے ہوتے
    اگر حبیب اللہ محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم خندق کی کھدئی کے وقت پیٹ پر دو دو پتھر باندھنے والے نہ ہوتے
    اگر علی علیہ السلام اپنی جوتیاں خود مرمت کرنے والے نہ ہوتے
    اگر حسین علیہ السلام دشتِ کربلا کی بجائے بنی امیّہ کے محلوں میں رہنے والے ہوتے

    تو آپ کا خواب بھی شرمندہء تعبیر ہو سکتا تھا

  10. مگر بہن نگہت دنیا اور خصو صی طور پر پاکستان یہ صدی گزار جا ئے تب نا ؟

  11. نگہت جی
    السلام علیکم
    یہ کسی دیوانے کا خواب ہے
    یا پھر کسی مزاح نگار نےہمارا تمسخر اُڑایا ہے
    ویسے 3010 کے مطابق تو عنوان درست نہیں
    اگلے ہزارئیے کا پاکستان
    ہونا چاہیئے
    والسلام
    زرقا

  12. زرقا اس خواب کی تعبیر انشاللہ ہماری نسلیں ضرور دیکھیں گی … ایسا کچھ میری خوش امیدی کہتی ہے ..

  13. مناف بھائی آپ کی سب باتیں میری سر آنکھوں پر … لیکن امید تو شجر سایہ دار ہے اس کی شاخوں کو ہرا بھرا ہی رہنا چاہیئے ..

  14. محمد ترازی بھائی .. میرے خواب نہیں ہمارے خواب … یہ ہر پاکستانی کا خواب ہے ..

  15. شمس بھائی آپ کی دعا ساتھ ہو اور صدی اچھی نہ گزرے .. یہ تو ہو ہی نہیں سکتا ..

  16. واہ۔۔کیا خواب بُناہےکسی نے
    شانداراور حیرت انگیز۔۔۔
    حالات اتنےخراب ہو چکےہیں کہ یقین ہی نہیں آیاپڑھ کر
    بہر حال
    اللہ کرے ایسا ہو۔۔

  17. بہن نگہت صرف دعا وں سے کچھ نہیں ہو تا ۔ کیونکہ حضور (ص) فرما گئے ہیں کہ “ قرب ِ قیامت بد اعمالی کی وجہ سے دعا ئیں بے اثر ہو جا ئیں گی “ مگر ہمیں آپ کے اس بلاگ سے یوں خوشی ہو ئی کہ بہن زرقا بہت مدت کے بعد اس میں نظر آئیں اور پھر مسعود منور صاحب کی نظم والا بلاگ خود بھی لگایا۔

  18. احساس کمتری کے شکار کسی گمنام کے نام،
    میرے بزرگ، دوست، بھائی یا برخوردار، تمھیں کس رشتے سے پکاروں ؟ کیونکہ تم گمنام رہنا پسند کرتے ہو اور گمنام رہ کر ہی اپنا گریبان خود پکڑ رہے ہو، اپنا دامن خود ہی تار تار کر رہے اور اپنی دھرتی ماں کا خود ہی تمسخر اڑا رہے ہو ۔
    تمھارے لیے دو پیغام ہیں ، پہلا یہ کہ اپنی ریاضی ٹھیک کر لو کیونکہ آج سے سو سال بعد 2110 بنتا ہے 3010 نہیں اور دوسرا یہ کہ پانی کے آدھے گلاس کو آدھا خالی نہیں بلکہ ہمیشہ آدھا بھرا ہو سمجھو اسے تمھاری سوچوں میں کافی تبدیلی آئے گی۔

    اگر تمھارا خواب سو سال بعد کے پاکستان کا ہے تو اپنے دادا جان سے آج کے پاکستان اور ان کے وقت کے پاکستان کا پوچھ لو، فرق وہ خود بتا دیں گے اور باقی کا فرق اپنے پوتوں کو خود ہی بتا دینا۔ تمھارے خواب کا روشن پہلو صرف ایک بات میں سمجھانے کی کوشش کروں گا کہ آج کا پاکستان تمھاری نظر میں تمام برائیوں کے باوجود مسلم دنیا میں پہلا اور اقوام عالم میں ان سات ممالک میں ہے جو اپنے آپ کو ایٹمی طاقت کہلوانے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔

    اور اگر تمھارا خواب 3010 (یعنی ایک ہزار سال بعد) کے پاکستان کا ہے تو میرا پیغام تمھارے دوست مارک کے لئے ہے، جو یہ ہے

    مائی ڈئیر مارک ، مجھے پتہ چلا تم میرے ملک پاکستان آکر ’سیٹل‘ ہونا چاہتے ہو۔ میں اس بارے میں تمھیں چند DO’s اور Don’ts سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں:
    سب سے پہلی بات تو یہ کہ تم اپنے پروگرام میں تاخیر بالکل مت کرو کیونکہ3010 تک امریکہ آج والا امریکہ نہیں رہے گا۔ اب دیکھو ناں جن افریقیوں کو تمھارے باپ دادا غلاموں کی شکل میں خرید کے لائے تھے وہ قصر صدارت تک پہنچ چکے ہیں۔ آنے والے وقت میں وہی یہاں کے مختار کل ہوں گے اور تم ان کے نوکر چاکر۔ اور پھر جسطرح یہاں کے اصلی باشندوں یعنی ’ریڈ انڈینز‘ کو بے دخل کرکے برطانیہ، فرانس، آئیر لینڈ اور سپین سے آنے والے مہاجروں نے یہاں مکمل قبضہ کیا اور انہی افریقیوں پہ بے تحاشہ ظلم و ستم ڈھائے تو اب وہ قرض چکانے کا وقت آرہا ہے اور پھر تمھیں تو یہ بھی پتہ نہیں کہ ان میں سے تمھارا والد کون تھا۔ لہذا اسے پہلے کہ وہ تمھاری بوٹیاں اپنے کتوں کوڈال دیں تم فورا بھاگنے کی سوچو۔

    پاکستان ایمبیسی سے اگر تمھارا ویزا آٹھ دس گھنٹے میں بھی لگ جائے تو اپنے آپ کو خوش قسمت جانو کہ ابھی تک ہماری ایمبیسی کو جنگی جرائیم میں مطلوب امریکیوں یا ان کے لواحقین کی فہرستیں نہیں ملیں ورنہ بات سالوں تک چلی جائے گی۔

    اگر خیریت چاہتے ہو تو پاکستان انٹرنیشنل ایر لائنزPIA میں سفر کرنے کی بھول کر بھی نہ سوچنا کیونکہ سب سے پہلے تربیت یافتہ کتے تمھارا ڈرگ ٹیسٹ کریں گے جوکہ ظاہر ہے تم پاس نہیں کر سکو گے۔ پھر تمھارا سامان بھی کتوں سے ہی چیک کروایا جائے گا اور ذرا بھی شک گذرا تو روک لئے جائو گے۔ اس کے بعد تمھارا پاسپورٹ چیک ہوگا جو تمھارے باپ کا نام نہ ہونے کی بنا پر تمھارے منہ پہ دے ماریں گے۔ آخر میں سکریننگ مشینوں سے گذارے جائو گے اور تم لوگ چونکہ صفائی وغیرہ کا خاص خیال نہیں رکھتے لہذا کوئی جانور سمجھ کر واپس کر دئے جائو گے۔

    کامونکی والی لڑکی کا خیال دل سے نکال دو کیونکہ وہ اپنے گرین کارڈ ہولڈر ’پیا ‘ کے انتظار میں تو ساری عمر گذار دے گی مگر تمھارے منہ پہ تھوکے بھی نہیں۔ اس لئے بہتر یہی ہے کہ اپنی گرل فرینڈ ’جولی‘ ، جو تم سے پہلے چالیس بوائے فرینڈ تبدیل کر چکی ہے اور شادی ہونے تک سو پورے کر لے گی، اُسی کو ساتھ لے آئو۔ اسے آیا کی نوکری مل جائے گی اور ہو سکتا ہے اِسی سیٹھ کے گھر تمھیں بھی مالی، چوکیدار، ڈرائیور یا خانسامے کی نوکی مل جائے۔

    اور ہاں TOUFL کے علاوہ تمھیں پنجابی، بلوچی، سندھی یا پشتو کا ٹیسٹ بھی پاس کرنا ہوگا۔

    مجھ سے رابطہ رکھنا، ضروری ہدایات بھجواتا رہوں گا۔ فی الحال میرا ’سلیپ ٹائیم ‘ ہو گیا ہے اور میں اپنے وقت کو ایک سیکنڈ بھی آگے پیچھے نہیں ہونے دیا۔

  19. آپا کی بیان کردہ کہانی و خواہش کے بعد جاوید اقبال کی نصیحتیں بھی نہایت اعلی ہیں!

  20. جناب شعیب صفدر صاحب،
    حوصلہ افزائی کا بہت شکریہ۔ امید ہے ’مارک‘ میرے مشوروں کو پلے باندھ کر پاکستان کی تیاری کرے گا نہیں تو مارا جائے گا ’یینکی‘ (yankee) کہیں کا !

  21. ارے واہ کیا کہنے
    ابھی اس کا ویزہ لگا نہیںتھا کہ میری آنکھ کھل گئی …کاش میں تب تک سوئی رہتی جب تک اُس صاحب کا ویزہ نہ لگ جاتا..
    ویسے اور کتنے سال یہ خواب دیکھنے پڑھیں گے؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *