عدالت کہاں ہے

راناء ثنا اُللہ ایک اشتہاری ملزم ہے۔ اس کے علاوہ یہ جھنگ کی ایک کالعدم تنظیم سپاہِ صحابہ کے جلسہ میں ایک فرقہ کے خلاف نعرے بھی لگاتا رہا ہے۔ ایک ہفتہ قبل جنگ اخبار نے ایک تصویر شائع کی ہے جس میں یہ چیف جسٹس ہائ کورٹ کے ساتھ بیٹھا ہوا ہے۔ یہ راناء ثنا اُللہ پنجاب کا وزیرِ قانون ہے، اشتہاری ملزم ہے، کالعدم اور بدنامِ زمانہ تنظیم کے اجلاس میں مسلمانوں کے ایک فرقے کے خلاف نعرے لگاتا ہے۔ خدارا چیف جسٹس سپریم کورٹ جناب افتخار چوہدری جو کراچی میں بھاری ٹریفک کے خلاف سومٹو ایکشن لے چکے ہیں وہ اس گھناؤنے وزیرِ قانون رعناء ثنا اُللہ اور اسکے ساتھ بغلگیر ہوتے ہوئے چیف جسٹس ہائ کورٹ کے خلاف سوموٹو ایکشن لیں۔ ورنہ بے بس لوگ یہی کہیں گے کہ

یہ داغ داغ اُجالا یہ شب گزیدہ سحر
وہ انتظار تھا جس کا یہ وہ سحر تو نہیں

بنے ہیں اہلِ ہوس مدعی بھی منصف بہھی
کسے وکیل کریں کس سے منصفی چاہیں

یزید و شمر کو قتلِ حسین کی ہے فکر
یہ ارضِ پاک کو بھی کربلا بنا دیں گے

یہ شاخِ نور جسے ظلمتوں نے سینچا ہے
اگر پھلی تو شراروں کے پھول لائے گی
نہ پھل سکی تو نئ فصلِ گُل کے آنے تک
ضمیرِ ارض میں اک زہر گھول جائے گی

20 thoughts on “عدالت کہاں ہے”

  1. سرکار ظفر جعفری صاحب۔ یہ سارا آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔ ہر ایک عبا و قبا کے نیچے خنجر چھپا ہوا ہے اور عدلیہ بھی کوئی ایسی پارسا نہیں کہ اسکی قسم کھائی جائے۔ اگلے ماہ ٹرانسپیرنسی کی جو رپورٹ آ رہی ہے اسمیں عدلیہ میں ہونے والی رشوت خوری اور بدعنوانیوں کا بھی ذکر ہے۔ جہاں انصاف بکتا ہو اور جہاں جج خریدے جاتے ہوں اور جہاں وزیر قانون رشوت خور اور جعلی ڈگری کا حامل ہو وہاں کیا بات کریں گے ہم آپ۔
    میں بہت عرصہ پہلے لکھا تھا

    ہر ایک شخص یہاں پر دہائی دیتا ہے
    مگر اس عہد کو اونچا سنائی دیتا ہے
    بدل گیا ہے کچھ ایسے عدالتوں کا نظام
    وکیل جرم کے حق میں صفائی دیتا ہے

  2. ہاتھ میں جو نظام لیتا ہے
    قوم سے انتقام لیتا ہے
    دیکھتا ہے جو راہزن کی ہوس
    وہ کلیجے کو تھام لیتا ہے

  3. “ یہ داغ داغ اجالا یہ شب گزیدہ سحر “

    ظفر جعفری صاحب کے اس بلاگ کی تمہید میں جو اشعار ہیں وہ شاید فیض کےہیں ۔۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    اگر اس بلاگ کو پڑھکر چیف جسٹس سپریم کورٹ ۔ رانا ثناللہ کے خلاف کوئی کاروئی شروع کردیں تو اسکا ثواب ظفر جعفری صاحب کو ملے گا۔

  4. ساحر لدھیانوی
    یہ شاخِ نور جسے ظلمتوں نے سینچا ہے
    اگر پھلی تو شراروں کے پھول لائے گی
    نہ پھل سکی تو نئ فصلِ گُل کے آنے تک
    ضمیرِ ارض میں اک زہر گھول جائے گی

    سردار جعفری
    یزید و شمر کو قتلِ حسین کی ہے فکر
    یہ ارضِ پاک کو بھی کربلا بنا دیں گے

    قاضی صاحب
    باقی دو اشعار فیض کے ہیں۔

    اقبال سے معذرت کے ساتھ

    نرگس کو جتنا رونا تھا وہ تو وہ رو چکی
    اب دیدہ ور چمن میں بھی پیدا کرے کوئ

  5. ظفر جعفری صاحب نے اپنےاس بلاگ کے تمہیدی حصہ میں جو اشعار لکھے ہیں ان میں پہلا شعر تو یقینی طور پر فیض کی نظم
    نظم بعنوان “ جسنِ آزادی اگست 1947 “ سے لیا گیا ہے باقی کے اشعار کس کے ہیں اس کا علم ظفر جعفری صاحب ہی کو ہوگا:
    بہرحال : فیض کی یہ نظم اس کی تصنیف “ دست صبا “ میں ہے :

    یہ داغ داغ اجالا یہ شب گزیدہ سحر

    وہ انتظار تھا جس کا یہ وہ سحر تو نہیں
    یہ وہ سحر تو نہیں، جس کی آرزو لےکر
    چلے تھے یار کہ مل جائے گی کہیں نہ کہیں

    فلک کے دشت میں تاروں کی آخری منزل
    کہیں تو ہوگا شبِ سُست موج کا ساحل
    کہیں تو جاکے رُکے گا سفینہء غمِ دل

    جوان لہو کی پُر اسرار شاہراہوں سے
    چلے جو یار تو دامن پہ کتنے ہاتھ پڑے
    دیارِ حسن کی بے صبر خواب گاہوں سے
    پکارتی رہیں باہیں ، بدن بلاتے رہے

    بہت عزیز تھی لیکن رُخِ سحر کی لگن
    بہت قریں تھا حسینانِ نور کا دامن
    سُبک سُبک تھی تمنّا، دبی دبی تھی تھکن

    سناہے ہو بھی چکا ہے فراقِ ظلمت و نور
    سناہے ہو بھی چکا ہے وصالِ منزل و گام
    بدل چکا ہے بہت اہلِ درد کا دستور
    نشاطِ وصل حلال و عذابِ ہجر حرام

    جگر کی آگ، نظر کی امنگ ، دل کی جلن
    کسی پہ چارہ ء ہجراں کا کچھ اثر ہی نہیں
    کہاں سے آئی نگارِ صبا ، کدھر کو گئی
    ابھی چراغِ سرِ رہ کو کچھ خبر ہی نہیں

    نجاتِ دیدہ و دل کی گھڑی نہیں آئی
    چلے چلو کہ و ہ منزل ابھی نہیں آئی

    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    اس نظم کا اطلاق پاکستان کے حالاتِ حاضرہ پر بھی ہوتا ہے۔
    ۔۔

  6. جی قاضی صاحب یہ فیض کی مشہور نظم ہے اور یہ اشعار تو زبان زد ہیں۔

    یہ داغ داغ اجالا یہ شب گزیدہ سحر

    وہ انتظار تھا جس کا یہ وہ سحر تو نہیں
    یہ وہ سحر تو نہیں، جس کی آرزو لےکر
    چلے تھے یار کہ مل جائے گی کہیں نہ کہیں

    باقی اشعار ساحر اور سردار جعفری کے ہیں۔ ساحر نے یہ قطعہ فیض کی طرح صبح ِ آزادی پر کہی تھی۔

    یہ شاخِ نور جسے ظلمتوں نے سینچا ہے
    اگر پھلی تو شراروں کے پھول لائے گی
    نہ پھل سکی تو نئ فصلِ گُل کے آنے تک
    ضمیرِ ارض میں اک زہر گھول جائے گی

    جبکہ سردار جعفری کی نظم پاکستان میں سجاد ظہیر کی گرفتاری پر تھی جس کے دوبند مجھے یاد رہ گئے ہیں۔

    جکڑ سکی نہ ارادوں کو جب ترے زنجیر
    تو قاتلانِ کہن آگئے رسن لے کر
    ترے لئے ہی نہیں ارضِ پاک کے بھی لئے
    یہ آج پلٹے ہیں امریکہ سے کفن لے کر

    یزید و شمر کو قتلِ حسین کی ہے فکر
    یہ ارضِ پاک کو بھی کربلا بنا دیں گے
    ترا یہ عہد کہ انسانیت کی محفل سے
    ستمگروں کا رواجِ ستم اُٹھادیں گے

  7. ظفر بھائی . آپ توسط سے اپنی لکھی ہوئی ایک نظم پیش کرنے کی جسارت کر رہی ہوں …

    گر یہ سچ ہے میں آزاد ھوں ؟؟

    میں اکثر سوچتی ہوں
    اگر یہ سچ ہے کہ ھم آزاد ہیں ؟؟
    تو… پھر کیوں عدل اپنے ہی گھر میں قید ہے
    اور عدالت پا بجولاں اسے برسوں سے ڈھونڈتی ہے
    اگر یہی آزادی ہیں تو مجھے اتنا تو بتا دیجے
    ہوا کیوں اسقدر سہمی ہوئی ہے؟
    یہ بچے کس لیئے گریہ کُناں ہیں؟
    خود اپنے پر رحم کھاتے ہوئے پیروجواں ہیں
    سوچتے سوچتے تھک جاتی ہوں ۔۔۔پھر بھی سوچتی ہوں
    خیالوں کی دھنک اب رنگدار کیوں نہیں ہے
    یہ میری سوچ کا پھیلا تنہا شجر ثمر بار کیوں‌ نہیں ہے
    مقیداپنے ہی زنداں میں فکر کیوں ہے
    اور پھر یوں میرے ہونٹ مقفل کہ آزادیٍ اظہار بھی نہیں ہے
    بتاؤ تو کوئی آخر یہ پابندیء گفتار کیوں ہے
    یہ سچ کہنے کے بدلے زندگی سر بسرآزار کیوں ہے
    جانے تم کیسے کہہ دیتے ہو کہ ہم سب آزاد ہیں ؟
    عجب ایک مخمسہ ہے ۔۔ یہ کیسی صورتحال ہے
    پھر … یہ بھی کبھی سوچتی ہوں
    کہ
    ہمیں تاریک شب و سحر سے کیا لینا دینا
    بھلا اب سعیٍ رایئگاں سے کیوں اپنے دل کو دٰکھانا
    جیسی گزر رہی ہے زندگی ۔۔ اچھی ہی ہے ۔۔بھلا
    کوئی کب تک جلے
    کوئی کب تک بہلے
    اور …. بےحسی کا یہ سفر جاری رہ بھی سکتا تھا
    پر
    سرکار نے خود اک خبر کل شب سنائی ہے
    سقراط اور منصور کی حفاظت کے لیئے
    گورنر راج بھی رہے گا اور دفع بھی لگے گی
    خودکُش کے ہاتھوں مرنے والے نوجوانوں کی تعداد بھی کم رہے گی
    زندہ رہنے کی خواہش ہر کسی کے لیئے عام ہو گی
    سنو !
    یہ میرا واہمہ ہے کہ خواب ھے ۔۔یا بس ایک سرکاری بیان ہے
    بےحسی بھی اس جھوٹ پر ماہی بے آب تڑپ رہی ہے
    انسانی سروں کی قیمت بولیوں میں لگ رہی ہے
    ہائے کیسا اندھیر ہے کہ انسانیت لرز رہی ہے
    ہر طرف ایک ہی دہائی ھے کہ درو دیوار چیخ پڑے ہیں
    سبھی ایک ساتھ ہی اس بار بول پڑے ہیں
    اگر سرکار کی قید ہی صبح آزادی ہے
    تو
    ہمیں
    کرب و بلا کے سمندر میں اب اتر جانے دو
    سچ کی تلوارں کے سائے تلے
    ہمیں
    ایک اور شام غریباں منانے دو

    (نگہت نسیم۔سڈنی)

  8. اگر سرکار کی قید ہی صبح آزادی ہے
    تو
    ہمیں
    کرب و بلا کے سمندر میں اب اتر جانے دو
    سچ کی تلوارں کے سائے تلے
    ہمیں
    ایک اور شام غریباں منانے دو

    جی شاعری اور محسوسات میں یہی تو فرق ہے۔ شاعری تو قافیے ردیف کا بھی نام ہے اور کچھ لوگ تو عروض کو ہی شاعری مانتے ہیں۔لیکن یقین کریں شاعری نا تو آواز،دمساز،امتیاز،اور احتراز ہے اور نہ ہی فاعلاتن فاعلات ہے۔شاعری تو احساس ہے فقط احساس۔ میں کبھی کبھی کیا بلکہ اکثر حیران ہوتا ہوں کہ محسوسات سے عاری انسان جب اپنے لکھے کو شاعری کہتا ہے تو دل چاہتا ہے کہ اپنے سارے دیوان نزر آتش کر دوں
    ذرا چند لمحوں کو ان مصرعوں کے سمندر میں اتر کر تو دیکھیں

    اگر سرکار کی قید ہی صبح آزادی ہے
    تو
    ہمیں
    کرب و بلا کے سمندر میں اب اتر جانے دو
    سچ کی تلوارں کے سائے تلے
    ہمیں
    ایک اور شام غریباں منانے دو

  9. اگر سرکار کی قید ہی صبح آزادی ہے
    تو
    ہمیں
    کرب و بلا کے سمندر میں اب اتر جانے دو
    سچ کی تلوارں کے سائے تلے
    ہمیں
    ایک اور شام غریباں منانے دو
    بھئی واہ ۔ سبحان اللہ۔
    ——————————–
    محترم ظفر جعفری صاحب۔ آپ نے اہم موضوع کی طرف توجہ دلائی ہے۔ حقیقت یہی ہے کہ عدلیہ مسلسل اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہی ہے، اور اب عمومی تصور یہی ملتا ہے کہ عدلیہ کا مقام مقننہ سے بھی بلند تر ہے۔ پہلے قانون کے ساتھ چیف آف آرمی سٹاف کھیلا کرتے تھے، لیکن انہیں آئین معطل کر کے اپنی من مرضی کرنا پڑتی تھی، لیکن یہ لوگ تو کھلے بندوں آئین کی من مرضی تشریحات فرما کر پارلیمنٹ(مقننہ) کو مفلوج کئے ہوئے ہیں، نہ حکومت کوئی کام کرنے میں مجاز ہے نہ مقننہ۔ لیکن دوسری طرف کا المیہ دیکھیں کہ خود حکومت کسی کام میں نیک نیت ہے ہی نہیں۔ این آر او کا مسئلہ ہی دیکھ لیں، اراکینِ مقننہ کی اہلیت و اسناد کا معاملہ دیکھیں، یا دہشت گردی دیکھ لیں۔
    اگر حکومت خود چور نہ ہوتی تو این آر او کو معاملہ مقننہ میں نمٹا کر اسے آئینی حیثیت دے دیتی، لیکن چور کوئی کام جراءت مندی سے نہیں کر سکتا۔
    حقیقت یہی ہے کہ اگر افتخار چوہدری کو بھی حکمران بنا دیں تو بھی معاملہ سدھرنے کا نہیں ہے۔ حکومت نام ہی اختیار کا ہے، اسی لئے مغرب میں جمہوریت کے باوجود انتظامی فیصلوں پر عدلیہ اپنی تاویلات پیش نہیں کرتی نہ مداخلت کرتی ہے۔ ابھی یہاں آسٹریلیا میں ایک امیگریشن فیصلے پر جب سپریم اور ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تو جج صاحبان نے یہی کہا کہ سائل سے ہمدردی کے باوجود ہم انتظامی فیصلوں کو تبدیل کرنے کا اختیار نہیں رکھتے۔ لیکن ہمارے یہاں تو ہر کوئی اپنی موجودگی کا احساس دلانے کی کوشش میں مصروف ہے۔

  10. نگھت بہن۔

    اگر سرکار کی قید ہی صبح آزادی ہے
    تو
    ہمیں
    کرب و بلا کے سمندر میں اب اتر جانے دو
    سچ کی تلوارں کے سائے تلے
    ہمیں
    ایک اور شام غریباں منانے دو

    یہ اشعار شامِ غریباں بھی ہیں اور اس کا پیش خیمہ بھی۔

    امام بخاری کے بارے میں چوراہے پر ایک حکایت سنی تھی کہ انہوں نے سنا کہ دوسو میل دور ایک شخص رہتا ہے جس کے پاس رسولِ کریم کی ایک حدیث ہے۔ یہ سنکر امام بخاری دوسو میل چل کر اُس شخص کے پاس پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ اُس شخص نے اپنے اونٹ کو اپنے ہاتھ میں چارہ دکھایا۔ جب اونٹ چارہ کھانے کو قریب آیا تو اُس شخص نے دوسرے ہاتھ سے رسی کا پھندا پھینک کر
    اونٹ کو پکڑ لیا۔ امام بخاری نے سوچا کہ اگر یہ شخص اونٹ کو اس طرح دھوکہ دے سکتا ہے تو اس کے پاس جو حدیث ہے اُسے میں کیسے مستند مان سکتا ہوں۔ یہ سوچ کر امام بخاری اُس شخص سے ملے بغیر واپس آگئے۔

    چرچل نے دوسری جنگِ عظیم پر کہا تھا کہ جب تک ہماری عدالتیں انصاف دیتی رہیں گی ہماری جیت ہوگی۔ تو جب ہمارے اہلِ عدلیہ ایک چڑیا مرجانے پر تو سو موٹو ایکشن لے رہے ہیں لیکن اشتہاری ملزم سے بغلگیر ہورہے ہیں اور جعلی ڈگریوں کاعتراف جرم کرنے والوں کو بلا سو موٹو ایکش انتخاب لڑنے دے رہے ہیں توایسے میں امام بخاری کی روح کسقدر مضطرب ہوگی۔ علامہ اقبال سرسید اور قائدِ اعظم کی روح کتنی بیچین ہوگی۔ لولی لنگڑی جمہوریت بے لگام عدلیہ کی موجود گی میں کیسے پنپے گی۔ جس طرح امریکی جمہوریت میں ججوں کا احتساب کانگریس کرتی ہے۔اس ہی طرح پاکستان میں جمہوریت کے پنپنے کیلئے ضروری ہے کہ فوج اور ججوں کے احتساب کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہونا چاہئے۔ فی الحال پاکستان میں اس وقت کرپٹ عدالتی ڈکٹیٹرشپ ہے جو ملک کو زندہ در گور کرنے پر تُلی ہوئ ہے۔ سارے بے لگام فیصلے پپلز پارٹی کے خلاف اور نوازوشہباز شریف کے حق میں ہورہے۔ فوج پر اُنگلی ا ٹھانے کی اس عدلیہ میں جرائت نہیں ہے۔ چیف جسٹس کے دامن پر ایک پلاٹ لینے کیلئے جعلی حلف نامہ داخل کرنے کا دھبہ موجود ہے۔

    یہ جو چل رہی ہے آندھی یہ ہوا کے تیز جھوکے
    انہیں کاش روک سکتا مجھے اختیا ر ہوتا

  11. ظفر صاحب اپ کی ایک ایک بات سچ ہے کیو نکہ ہمارے ملک میں کرپشن لوٹ مار اور اختیارات کا ناجائز استعال معمولی چیز تصور کیا جا ہے ۔ اور اگر دیکھا جائے تو ہمارے ،معاشرے میں رشوت کا دور دورا اپنے گھر سے ہی ہو جا تا ہے کیو نکہ ایک چھو ٹے بچے سے کام لینے کے لئے پیسے دیئے جا تے ہیں ۔ جب اسے بچپن سے ہی اس کے منہ کو رشوت لگا دی جا تی ہے تو پھر بعد میں اسے کیوں روکا جا تا ہے؟؟؟باقی آپ کی ساری باتیں ٹھیک ہیں ۔

  12. جناب ظفر صاحب آپ کی بات بالکل بجا ہے رانا ثناءاللہ کا کردار بالکل کالی بھیڑ جیسا رہا ہے مگر آپ کو پتہ ہوگا کہ شہباز شریف طالبان کو کہ چکے ہیں کہ وہ پنجاب میں حملہ نہ کریں تو اس سے ثابت ہوتا ہے کہ نون لیگ بھی خاموشی سے ان کو سپورٹ کررہی ہے آپ نے دیکھا ہے کہ کبھی نون لیگ کے اور پر کوئی حملہ ہوا ہو سوائے نوانی صاحب کے وہ بھی اس لئے کہ اس کا تعلق ملت جعفریہ سے تھا. ان لوگوں کے اپنے مفادات ہوتے ہیں دین درھرم سے کوئی سروکار نہیں آپ نے کچھ روز پہلے ارباب عالمگیر کو سورۃ اخلاص پڑہتے ہوئے سناہوگا اس سے اندازہ لگالیں. رانا ثناءاللہ ایک فاسد اور فتنہ باز آدمی ہے مگر کیا آپ کے خیال میں چیف جسٹس کوئی نوٹس لے گا کچھ نہیں ہوگا. گورنر پنجاب نے صدر مملکت کو خط لکھا تھا مگر کیا ہوا کچھ بھی نہیں. یہ نون لیگ والے یا پی پی پی والے سارے اندرون خانہ ایک جیسے ہیں.

  13. اور آپ لوگوں سے ایک مودبانہ گزارش ہے کہ موضوع کے اندر رہ کر بات کیا کریں موضوع چل رہا ہے رانا ثناءللہ اور تبصروں میں شاعری!

  14. کیا ظفر جعفری صاحب کی یہ بات صحیح ہے ؟ کہ:

    “ امریکی جمہوریت میں ججوں کا احتساب کانگریس کرتی ہے“

    پتہ نہیں ظفر جعفری صاحب نے امریکی آئین کی کسِ شق کی بنیاد پر مندرجہ بالا دعویٰ کیا !!!!

    ۔۔۔
    جہاں تک میرے مشاہدے کا تعلق ہے :ججوں کی تقرری کے وقت ، امریکی صدر امریکی کانگریس سے صلاح مشورہ کرتی ہے اور اسکی تائید حاصل کرتی ہے ، مگر ججوں کی تقرری کے بعد امریکی عدلیہ آزادی سے اپنے آئینی فرائض انجام دیتی ہے اور وہ انتظامیہ اور کانگریس کی دسترس سے بالاتر ہوکر اپنے فیصلے کرتی ہے۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    امریکی عدد لیہ ، انتظامیہ اور کانگریس کے متنازعہ ا فعال اور اعمال کا احتساب بھی آئین کی روشنی میں کیا کرتی ہے۔
    اور آئین کی بالا دستی کو برقرار رکھتی ہے۔
    ۔۔۔۔۔۔
    کاش کہ کوئی امریکی آئین سے واقف مبصر اس موضوع پر مزید روشنی ڈالے۔

  15. میرے اوپر کی تبصرے میں “ ججوں کی تقرری کے وقت ، امریکی صدر امریکی کانگریس سے صلاح مشورہ کرتی ہے اور اسکی تائید حاصل کرتی ہے “
    اس جملہ میں : کرتی ہے “ کی بجائے کرتا ہے : پڑھیے : شکریہ

    اگر ا،ریکی “صدر“ کی بجائے امریکی“ انتظامیہ“ پڑھا جائے تو پھر مندرجہ بالا تصحیح کی ضرورت نہیں۔

  16. قاضی صاحب قبلہ

    میری بیٹی Constitutional Lawyer ہے اور امریکی کانگریس کئ ججوں کو impeach کرچکی ہے ۔ میری آپ سے بصد احترام درخواست ہے کہ اگر کسی چیز کے بارے میں آپکو معلوم نہ ہو تو سوال پوچھ لیا کریں۔ سقراط کو بھی ساری باتوں کا علم نہیں تھا۔ جس طرح صفائ نصف ایمان ہے ۔ اس ہی طرح سوال نصف علم ہوتا ہے۔

  17. سولنگی صاحب

    جج خود رشوت خور ہیں۔ البتہ آزاد میڈیا اللہ کی رحمت ہے۔

    تیغ منضف ہو جہاں دارورسن ہوں شاہد
    بے گناہ کون ہے اُس شہر میں قاتل کے سوا

    سردار جعفری

  18. میری نظر میں تو پاکستان میں آزاد میڈیا کہیں نہیں چینل اٹھا کردیکھیں سب کی اپنی ترجیحات ہیں ابھی جو پارلیامینٹ میں رپورٹ پیش کی گئی ہے اس کے مطابق بڑے بڑے نام جو آزادی صحافت کا دعویٰ کررہے ہیں ٹیکس نادہنگان میں شامل ہیں. ان کا اپنا بزنس ہے.

  19. احتساب کا مطلب impeach ( یعنی الزام لگا نا ) ہر گز نہیں ۔
    طفر جعفری صاحب نے یہ جو لکھا ہے کہ :
    ““ امریکی جمہوریت میں ججوں کا احتساب کانگریس کرتی ہے“

    یہ بات سراسر غلط ہے۔ اس لیے کہ امریکی کانگریس ایک محتسب کی طرح ججوں کے فیصلوں کا حساب کتاب نہیں کرتی ہے اور نہ اسکو آئین نے اس کی اجازت دی ہے

    اس میں احتساب کا لفظ موزوں نہیں ہے۔
    …
    impeachment یعنی الزام لگا کر مقدمہ چلانا ایک الگ بات ہے جس کی آزادی امریکی کانگریس کو ہے ۔ وہ امریکی صدر کو اور امریکی ججوں کو ( اگر انہوں نے آئیں کے بتائے ہوئے جرائم کا ارتکاب کیا ہے تو ان پر کانگریس میں مقدمہ چلا کر ) ان کو سزا سنا سکتی ہے۔
    ۔۔۔۔۔۔۔
    ہاں اگر کوئی جج کوئی متعینہ جرم کرے تو اس کو امریکی کانگریس الزام لگا کر کانگریس میں مقدمہ چلا سکتی ہے۔ جسے impeachment کہتے ہیں ۔

    کانگریس ، امریکی صدر کے متعینہ جرائم پر الزام لگا کر اس پر کانگریس میں مقدمہ چلا سکتی ہے ۔ جسے impeachmentکہتےہیں ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    ظفرجعفری صاحب اپنی خفگی کو اپنے پاس رکھیں اور امریکی آئین کی صحیح ترجمانی کیا کریں ۔

    میرے خیال میں اپنی بیٹی سے اس بارے میں پھر سے پوچھ گچھ کریں اور اگر میں غلطی پر ہوں تو براہ مہربانی بتائیں ۔
    ۔
    فقط:
    خیر اندیش
    منظور قاضی
    جرمنی سے

  20. میں ظفر جعفری صاحب کی اس بات کو مانتا ہوں کہ :

    “جس طرح صفائ نصف ایمان ہے ۔ اس ہی طرح سوال نصف علم ہوتا ہے۔“

    اس نصف صفائی اور نصف علم یعنی نیم صفائی اور نیم علم پر مندرجہ ذیل مقولے یاد آرہے ہیں:
    نیم حکیم خطرہ ء جاں
    نیم مولوی خطرہ ء ایماں

    نیم عالم خطرہ ء ایقان
    نیم عارف خطرہ ء عرفان

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *