درخواست

جناب وائس چانسلر جامعہ پنجاب لاہور میں شوکت علی ولد حاکم علی جامعہ میں سوئمنگ پول کی صفائی پر مقرر ہوں جب مجھے بھرتی کیا گیا تو یقین دہائی کرائی گئی تھی کہ عنقریب مستقل بنیادوں پر تقرر کر دیا جاؤں گا۔ جناب عالی آج اس یقین دہانی کو 31 سال بیت گئے ، کئی وائس چانسلر آئے اور ہر مرتبہ میری درخواست کوڑے کے ڈبے کی نظر ہوتی رہی ، ہمیشہ کی طرح اب بھی میں اس آس سے یہ درخواست آپ کے حضور پیش کر رہا ہوں کہ شاید اس کی بار شنوائی ہو جائے

معزز قارئین یہ وہ درخواست ہے جو میں نے یونیورسٹی کے بلند عہدیدار کی میز پر پڑی دیکھی اور آپ کے حضور پیش کر دی، شوکت علی ایک کم عمر نوجوان آئے ہوں گے ، 31 سال کے بعد بھی وہی جوانی میں پیدا ہونے والی خواہش اس پیری میں مکمل ہونے کی آس لیے کھڑے ہیں وہ

 عظیم درسگاہ کہ جہاں علم کی روشنی بانٹی جاتی ہے وہاں چراغ تلے اندھیرہ شوکت علی جامعہ پنجاب کے جن سوئمنگ پولز کی صفائی کرتا ارہا ہے ان سوئمنگ پولز سے مستفید ہونے والے ناجانے کتنے نوجوان اج اس ملک کی بہترین سیٹس پر ہوں گے اوریو نیورسٹی کی یادوں سے اب بھی محظوط ہوتے ہوں گے پر شوکت علی کسی کو یاد نہیں ہوگا

22 thoughts on “درخواست”

  1. نادیہ بتول بخاری صاحبہ نے شوکت علی ولد حاکم علی کی جو “درخواست یونیورسٹی کے بلند عہدیدار کی میز پر پڑی دیکھی ” اور ہم سب کے حضور پیش کر دی” تو ساتھ ہی ساتھ وہ مہربانی فرما کر یہ بھی لکھ دیتیں کہ انہوں نے اس درخواست کے بارے میں اس ” بلند عہدیدار” سے پوچھ گچھ کی تو اس نے انکو کیا جواب دیا.

    نادیہ بتول بخاری صاحبہ پوچھ گچھ کے ہنر سے بخوبی واقف ہیں ، انہوں نے بہت سارے “بلند عہدیداروں ” سے پوچھ گچھ کی ہے اور یقینی طور پر انہوں نے مندرجہ بالا درخواست کے پڑھنے کے بعد اس ” بلند عہدیدار سے یہ کہا ہوگا کہ :

    ” شوکت علی ایک کم عمر نوجوان آئے ہوں گے ، 31 سال کے بعد بھی وہی جوانی میں پیدا ہونے والی خواہش اس پیری میں مکمل ہونے کی آس لیے کھڑے ہیں”
    یہ کہنے کے بعد نادیہ بتول بخاری صاحبہ نے اس بلند عہدیدار سے ضرور پوچھا ہوگا کہ اس مسئلہ کا کیا حل ہے؟

    اگر شوکت علی ولد حاکم علی اب وظیفہ پر جانے والا ہے تو اس کے وظیفہ پر جانے سے پہلے اگر وہ مستقل نہیں کیا گیا تو اسکو وظیفہ ملے گا بھی یا نہیں یا وہ بغیر وظیفہ کے ہی اپنی بقیہ زندگی گذاردے گا؟

    اگر نادیہ بتول بخاری صاحبہ کا ارادہ ہے کہ وہ اس مسئلہ کا حل ضرور تلاش کرلینگی اور شوکت علی ولد حاکم علی کی ملازمت کو مستقل بنانے میں مددگار ثابت ہونگیں تو انکا یہ احسان شوکت علی ولد حاکم علی کبھی بھی بھلا نہ سکے گا.

    ( میں نے مبشر لقمان ( دو ٹوک پروگرام کرنے والے صاحب ) کی یہ خصوصیت دیکھی ہے کہ وہ نہ صرف کسی مسئلہ کو پیش کرتے ہیں بلکہ اسکے حل ہونے تک اس کا پیچھا نہیں چھوڑتے)

    امید کہ نادیہ بتول بخاری صاحبہ اپنے بلاگ کو میرے تبصرے کی روشنی میں مکمل کرد ینگیں.

    فقط:
    خیر اندیش
    منظور قاضی
    از جرمنی

  2. نادیہ بخاری صاحبہ
    مکرمی منظور قاضی صاحب نے ٹھیک کہا کہ اس مئلے کو حل کرانے تک اس کا پیچھا کیا جانا چاہئے
    اس طرح کہ نا جانے کتنے شوکت پاکستان بھر کے مخلتف اداروں میں اسی آس میں عمر کے ساٹھ سال گزار دیتے ہیں کہ عنقریب مستقل ہو جائیں گے لیکن،،،،،،،،،،،،
    ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پے دم نکلے

  3. راجہ اکرام صاحب کا شکریہ کہ انہوں نے میری تجویز کی تائید کی۔

  4. اس معاشرے میں ایک نہیں نہ جانے کتنے ہی شوکت علی ولد حاکم علی روزانہ کتنی کتنی بار جیتے اور مرتے ہیں اور خود حاکم موت کی نیند سو رہے ہیں۔ جس ملک میں جعلی ڈگریوں والے عوام کی قسمتوں کے مالک ہوں وہاں کون کس سے انصاف طلب کرے گا اور کون کس منصف سے منصفی چاہے گا۔ انااللہ وانا الیہ راجعون

  5. محترم منظورقاضی صا حب اورمحترم راجہ اکرام صا حب اپ نے درست فرمایا لیکن میں وہاں بطو ر سٹو ڈنٹ گئی تھی ان صا حب کو اگر یہ پتہ چل جاتا کہ ان کی میز پر رکھی درخواست میں نے ان کی اجا زت کے بغیر پڑ ھ لی ہے تو اپ ایک سٹوڈنٹ کو پیش انے والے مسا ئل کا بخوبی اندازہلگا سکتے ہیں کاش کہ میں کچھ کر پاتی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    محترم صفدر ھمٰدانی صا حب اپ نے سو فیصد درست فرمایا کہ جس ملک میں جعلی ڈگریوں والے عوام کی قسمتوں کے مالک ہوں وہاں کون کس سے انصاف طلب کرے گا اور کون کس منصف سے منصفی چاہے گا۔

  6. نادیہ بتول بخاری صاحبہ نے شوکت علی ولد حاکم علی کی بے بسی اور کس مپرسی کا قصہ تو جوں کا توں عالمی اخبار کے بلاگ میں شایع کردیا مگر وہ شائد بھول گئی ہیں کہ وہ جس یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں اسکے بلند عہدیدار ( جس کی میز پر شوکت علی ولد حاکم علی کی درخواست انہوں نے پڑھکر اس بلاگ میں لکھدی ) اس نے بھی یہ بلاگ پڑھا ہوگا ۔

    نادیہ بتول بخاری صاحبہ اگر صحافت کے میدان میں اپنے جوہر دکھانے کے قابل ہیں تو انہیں شوکت علی ولد حاکم علی جیسے ملازمین کے قصہ کو مکمل بھی کرنا چاہیے۔ ورنہ سنسنی خیزی کا کیا فائدہ؟!!!

  7. منظور بھائی یہ زندگی ہے جو اپنی نا مہربانیوں کےساتھ ہمیں زندہ رکھتی ہے … اس میں کئی کہانیاں کبھی صرف لکھی جاتی ہے اور کبھی صرف بتائی جاتی ہیں تو کبھی بس مشاہدہ کے لئے ہوتی ہیں … ہر قصہ یا ہر کہانی کو مکمل کرنا لکھنے والے کے لئے ممکن نہیں ہوتا … میں نادیہ کے مشاہدے کی داد دیتی ہوں کہ اس کی نظر میں بیشتر واقعات ایسے گزرتے ہیں جنہیں وہ سپرد قلم کئے بنا نہیں رہتی جبکہ انہیں واقعات کو ہم سر سری سا جان کر کئی بار گزرچکے ہوتے ہیں …

    کسی بات کا یوں منظر عام پر آجانا ہی آدھا حل ہوتا ہے … اب یہی دیکھئے کہ شوکت علی ولد حاکم علی کے مسلے کا ہمارے پاس کوئی حل نہیں ہے لیکن ہم میں سے یر ایک نے ان کے دکھ کو محسوس کیا اور ان کے لئے حسب توفیق دعا بھی کی … کیا یہ کسی بھی مشکل کا آدھا حل نہیں ….

    نادیہ میری پیاری دوست .. اپنا سفر جاری رکھو … اللہ تعالی تمہارا نگہبان ہو کہ کسی کی تکلیف کو محسوس کرنا بھی مسیحائی ہے ….اور مسیحائی ورثہ انبیاء اور اولیاء ہے .

  8. پیا ری نگھت نسیم صا حبہ میں اپ کی مشکور ہوں جو الفاظ مجھ سے بن نہیں پا رہے تھے اپنے ایما ن کی کمزوری کی بد ترین حا لت کو بیان کرنے میں وہ الفاظ کے موتی اپ نے مالا کے روپ میں احسن انداز میں پرو دئیے میں ان یونیورسٹی کے بلند عہدیدار کے پاس اپنا کام لے کر گئی تھی اگر دوسرا وا قعہ چھیڑ دیتی تو اپنی بات بھی نہ صحیح انداز میں بیاں کر پاتی میں خو د غر ض نہیں سرگودھا میں بیٹھے ہو ئے میرے محسنین میر ے والدین انکا خیال نہ ہو تا تو اپنے کا م کو بالائے طا ق رکھ دیتی چونکہ ایسا نہ کر سکی سینے پر بوجھ تھا تو اپ معززین سے زکر کیا میں محترم منظور قاضی صا حب سے ایک مرتبہ پھر معزرت چاہوں گی اپنی مجبو ری کی وجہ سے میں شوکت علی ولد حاکم علی کے کسی کام نہ ا سکی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  9. نادیہ اور ڈاکٹر نگہت صاحبہ۔ ہم مسلمانوں نے اپنے عمل سے جن چیزوں کو سخت نقصان پہنچایا اور بدنام کیا ان میں سے ایک ”جہاد” بھی ہے۔ یہ ظلم ہے کہ مغرب جس جہاد کا شور ڈالتا ہے وہ تو ”جہاد بالسیف ” بھی نہیں بلکہ ایک نادیدہ خوف ہے۔
    نادیہ بچی یہی تو جہاد ہے جو آپ کر رہی ہو۔ جاری رکھو اس جہاد کو۔اور یہی فی سبیل اللہ ہے جس میں آپکا اپنا کوئی مفاد نہیں
    کون کہتا ہے آپ شوکت علی کام نہیں آ سکیں؟
    اور ڈاکٹر نگہت صاحبہ مجھ سمیت کتنے کوتاہ نظر ہیں جن کو ایسے کتنے ہی واقعات اپنے ارد گرد نظر آتے ہیں اور ہم انہیں چھوٹے یا بے معنی سمجھ کے فراموش کر دیتے ہیں۔ کسی کی تعریف وہی کرتا ہے جو اندر سے بھرا ہوا ہو۔ آپ نے درست کہا کہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔میں نادیہ کے مشاہدے کی داد دیتی ہوں کہ اس کی نظر میں بیشتر واقعات ایسے گزرتے ہیں جنہیں وہ سپرد قلم کئے بنا نہیں رہتی جبکہ انہیں واقعات کو ہم سر سری سا جان کر کئی بار گزرچکے ہوتے ہیں …

  10. محترم صفدر ھمٰدانی صا حب میں کئی مرتبہ سوچتی ہو ں دلبرداشتہ ہو کر کہ اس فیلڈ کو خیر باد کہہ دیا جائے کچھ ناگوار جر نلسٹوں کے رویوں کو دیکھتے ہوئے ۔۔جب بھی قدم اٹھانے کا سوچتی ہوں تو غا ئب سے کوئی قوت کسی مسیحا کی صورت میں ا کر روک لیتی ہے اج وہ مسیحا اپ بنے شائد اس لئے کہ رب جانتا ہے کہ اس فیلڈ میں میں یہ سو چ کر ائی تھی کہ اسلام کا پہلا جرنلسٹ محسن انسانیت جنا ب رسول پاک (ص)ہیں جنھوں نے اکر یہ خبر دی کہ کہو اللہ ایک ہے اور وہی لائق عبادت ہے میں بھی لوگوں کو اپنے زرائعوں سے با خبر رکھنے کی کوشش یہی سمجھ کر کرتی ہوں کہ یہ سنت رسول (ص) ہے تو یہ پیشہ پیغمبری ہے

  11. عزت مآب جناب قبلہ منظور قاضی صاحب۔
    تسلیمات۔ آج عرصے بعد آپ سے مخاطب ہونے کی سعادت پا رہا ہوں۔ آُ پ کی بے لاگ تحریریں ہمیشہ آپ کی شخصیت کا آئینہ بن کر آپ سے نصف ملاقات کراتی رہتی ہیں۔
    آج ذرا مختلف گزارش لے کر آپکی بارگاہ میں حاضر ہوں، اور امید ہے آپ ہمیشہ کی طرح محبت و کمال مہربانی سے توجہ دیں گے۔
    آپ نے درست فرمان جاری کیا کہ نادیہ بخاری صاحبہ کو مسئلے کے حل تک اسکا پیچھا کرنا چاہئیے۔ لیکن اب اسی کو اصول بنا لیں تو ہم سب اپنا اپنا گریبان جھانک ڈالیں کہ کتنے بلاگ لکھے اور ان سے کتنے مسائل حل کئے؟
    بلاگ کا کہیں بھی مقصد مسائل کا حل نہیں نہیں ہوتا، بلکہ یہ صحافت کا ہی یہ ایک شعبہ ہے، جہاں خبر یا کسی بھی موضوع کو آپ جیسے کہنہ مشق بزرگوں کے تبصروں کے لئے پیش کر دی جاتی ہے۔ اب یہ تو تجربہ کار کابرین ملت کا کام ہے کہ نادیہ بخاری جیسے نو وارد بچوں کو اپنیے قیمتی مشورؤں سے نوازیں تا کہ اگر کوئی حل ممکن ہو تو وہ کر ڈالیں۔ دوسری صورت میں جہاں ہم زمانے بھر کی خبروں کو صبح و مساء ہضم کئے جا رہے ہیں، وہیں اس قسم کے بلاگ کو بھی برداشت کر لیں تو کوئی حرج نہیں ہوگا۔ چلیں اک مثال لیں کہ اگر ہم سب کچھ بھی کرنے کی حیثیت میں نہیں ہیں، تو بھی کیا خبر کوئی ایسا فرد ہی پڑھ لے جس کچھ کر سکتا ہو؟
    اب یہی دیکھیں کہ اگر ہم فراز، قاسمی، فیض احمد فیض سمیت بیسیوں شعراء کے دیوان اٹھا دیکھیں جہاں نوحہ ہائے ایام کو رویا گیا ہے، لیکن کیا وہ آج تک مملکت عزیز میں کوئی قابل ذکر تبدیلی لا سکے ؟۔۔۔۔نہیں، لیکن اپنے اپنے حصے کی شمع روشن کرتے گئے۔
    نادیہ بخاری اس میدان میں ابھی بالکل نو وارد ہیں۔ انکی ابھی عمر بھی شاید اتنی نہ ہو جتنا آپکا تجربہ اور مشاہدہء حیات ہوگا۔ ایسے میں ہمیں تو داد دینی چاہئیے اس ہمت اور جذبے کی جو انہیں کچھ کر دینے کی تحریک دلائے رکھتے ہیں۔ اگر ہم ہی انکی کاوشوں کو بے فائدہ سنسنی خیزی کہ کر رد کرتے رہیں گے تو کیا انکی ہمت ابھی جواب نہ دے جائے گی؟ کیا ایسی صورت میں ہمارا رویہ درست ہوگا؟
    جہاں وہ یا ان سمیت کوئی بھی غلط ہو، ہم سب اسکی راہنمائی کر کے بات کو درست سمت پر ڈال سکتے ہیں۔ لیکن بات کو بیک جنبش قلم رد کر دینا نا مناسب رویہ ہے۔ ہاں اگر ہمیں موضوع سے دلچسپی نہیں ہے تو کچھ کہنے کی ضرورت ہی نہیں، اسکو ویسے ہی چھوڑ دیں۔

    اگر ہم آج نادیہ جیسے بچوں کو یونہی ڈانٹ ڈپٹ کر خاموش کراتے رہیں گے تو اس ملت کی کل بھی تیرہ شبی میں ڈھل جائے گی، اور جوابدہ عند اللہ ہم ہی ہونگے۔ اس موقع پر میں نادیہ بخاری صاحبہ کو ہمت بھی دلانا چاہتا ہوں کہ یہ حق و بیباکی کا سفر ان جیسے نوجوانوں کے ہاتھوں کل کو صبح روشن کی کرنیں ہمارے آنگن میں لا سکے۔ امید ہے آپ بھی اپنی بندہ پروری کا چادر کا دامن پھیلا دیں گے، انشاء اللہ العزیز۔
    مجھے قوی امید ہے آپ میری معروضات کو حسب سابق خندہ دلی سے قبول فرما لیں گے۔

  12. میں نادیہ بتول بخاری صاحبہ سے اپنی نمناک آنکھوں کے ساتھ معافی کا خواستگار ہوں۔
    مجھے انکی دلشکنی مقصود نہیں تھی اور کبھی بھی میرا یہ مقصد یہ نہیں تھا کہ ان کا دل دکھاوں ۔
    یہ میرے کہنے کا انداز تھا جس سے میرے بیٹا جو پی ایچ ڈی بھی اور امریکہ میں ایک معتبر یونیورسٹی کا پروفیسر بھی ہے وہ بھی یہی کہتا ہے کہ مجھے نصیحت کرنے کا انداز نہیں آتا ۔ میرا دوسرا بیٹا بھی یہی کہتا ہے ۔
    وہ سب جانتے ہیںکہ وقت آنے پر میں انکے لیے اپنا تن من دھن سب لٹاتا رہتا ہوں مگر میری محبت کے انداز کو کبھی سمجھ نہ سکے۔
    ۔۔
    میں نادیہ بتول بخاری صاحبہ سے معافی چاہتا ہوں کہ انکا دل دکھایا۔
    میرا مقصد ان کی صحافت کی صلاحیت کو بہتر سے بہترین بنانا تھا۔ اسی لیے کہ انکو انٹرویو کا اور تمام مشاہدات کو حق گوئی اور بے باکی سے دنیا کے سامنے پیش کرنے کا سلیقہ بھی آتا ہے تو پھر ان سے یہ کیوں کہ کہوں کہ اپنے بلاگ کو مکمل کرتی رہو اور ان ڈھکے چھپے پہلووں پر بھی روشنی ڈالو جس سے انکی تحریر مکمل ہوجائے۔

    مین جانتا ہوں کہ میں اس شعبہ صحافت سے بالکل نابلد ہوں مگر ایک قاری کی حیثیت سے میرے ذہن میں جو سوالات ابھرے میں نے
    انکے سامنے پیش کردیے ۔ اگر وہ حکم دیں تو میں انکے بلاگوں میں حصہ نہیں لونگا۔
    مگر میں انکے بلاگوں کو بہت دلچسپی سے پڑھتا ہوں ۔ میں نے انکی اس صلاحیت کا تذکرہ بھی کسی تبصرے میں کیا ہے کہ نادیہ بتول بخاری صاحبہ کو انٹرویو کا فن بہت اچھی طرح آتا ہے ؛ انہوں نے جاوید اقبال ( علامہ اقبال کے فرزند ) تک کو اپنے سوالات سے رلادیا اور ایک ہندوستانی سیاست داں کو بھی سب کے سامنے رونے پر مجبور کردیا۔
    اب وہ مجھ پر بھی وہی جادو کرگئی ہین۔

    ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ ، صفدرھمدانی صاحب اور جناب مصباح حسین جیلانی صاحب کے ساتھ ساتھ محترمہ نادیہ بتول بخاری صاحبہ سے معذرت کے ساتھ:
    فقط:
    ایک عمر رسیدہ خیر اندیش
    منظور قاضی
    جرمنی

  13. عزت مآب جناب قبلہ منظور قاضی صاحب۔
    سلامت باشید۔ بڑوں کی بات ہمیشہ بڑی ہوتی ہے، اور خاص طور پر جب کردار و عزم کی بڑائی اللہ نے دی ہو۔ یہی آپ کا خاصہ ہے۔ آپ نے ہم سب کا مان بہت بڑھا دیا ہے۔ آپکی موجودگی سے تو یہاں رنگ ہے، ورنہ ہم سب تو زندگی کو اسکے بے کیف رخوں سے زیادہ جانتے ہیں۔ آپکی راہنمائی کی مجھ سمیت کم و بیش سبھی افراد کو درکار رہتی ہے۔ پھر آپ تو جانتے ہیں کہ میں تو جب کبھی کوئی مشکل آن پڑے آپ سے ضرور مشورہ کرتا ہوں اور اس پر عمل بھی کرتا ہوں۔ اس لئے خدارا ایسا مت سوچیں کہ آپ کہیں حصہ لیں یا نہ لیں، اور اگر میرے کہے نے رنجیدہ کیا ہو تو نا خلف سمجھ کر معاف کر دیں۔
    آپ کے کہنے سے نادیہ صاحبہ کا دل بھی بڑھ گیا ہوگا اور یقینا ان کو اپنے کام میں مزید آسانیاں نصیب ہونگی، انشاء اللہ۔
    خداوند متعال آپ کو سدا سلامت و خورسند رکھے، اور طول العمری صحت و سلامتی کے ساتھ عنایت فرمائے۔ ابھی آپ کی عمر رسیدگی کی باتیں ہمیں اس لئے بھلی نہیں لگتیں کہ ہم آپ کو آپ کے جذبے کی طرح ہی جوان دیکھنا چاہتے ہیں۔ بار دیگر مان بڑھانے پر شکریہ۔
    نا چیز
    اسیر محبت

  14. منظور بھائی..
    مصباح بھائی نے بلکل میرے دل کی بات کہی ہے .. آپ سے تو ہم حوصلہ مند رہتے ہیں .. آپ ہر محفل میں ہمارے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ..

  15. منظور قاضی صاحب ہماری عزت ہیں اور اعزاز بھی۔ ہمارا بزرگ ہونا انکی مرضی نہیں تھی اور چوائس بھی نہیں تھی اور اگر ایسا ہوتا تو میں سب کا بزرگ ہوتا۔
    قاضی صاحب عالمی اخبار کے وہ خاموش مجاہد ہیں جو کتنے ہی مجھ جیسے مدیران اعلیٰ پر بھاری ہیں۔ انہوں نے جس خاموشی سے ہمارے خلاف اٹھنے والے یزیدانہ فتنوں کا مقابلہ کیا ہے اور ہمیں بتائے بغیر ہمارے دوست نما دشمنوں کے دانت کھٹے کیئے ہیں انکو فراموش کرنا ضد حلال زدگی ہو گا۔
    عزیزی مصباح کا اپنا منفرد انداز استدلال ہے جو اسے اپنے عالم فاضل خاندان سے ورثے میں ملا ہے اور وہ بھی درست بات کو درست انداز میں ہی کہنے سے گریز نہیں کرتے۔ مصباح عالمی اخبار کے ترجمان ہی نہیں جان اور شان بھی ہیں۔
    رہیں ڈاکٹر نگہت صاحبہ وت انکی اگر تعریف کر کے میں انکی عزت،اہلیت اور صلاحیت میں کونسا اضافہ کر لوں گا۔ وہ جنہیں اللہ،انکا حبیب اور انکی اہلبیت عزت دے انکا مقام وہ جانتے ہیں۔
    آپ تینوں اور بزرگوارم شمس جیلانی جیسےمنفرد احباب کے درمیان میں خود جیسا محفوظ سمجھتا ہوں یہ میں ہی جانتا ہوں۔ قاضی صاحب آپ کا شکریہ ادا کرنا آپ کی محبت کو کم کرنا ہے،مصباح آپکا شکریہ کہنے کو میرے لـفظ چھوٹے ہیں،ڈاکٹر نگہت صاحبہ آپکے شکریے کے لیئے مجھے پہلے کوئی نیا لفظ ایجاد کرنا ہو گا اور شمس جیلانی صاحب آپ تو وہ عالم با عمل ہیں جن سے میں روز کچھ نہ کچھ سسیکھتا ہوں۔
    سیکھتا تو میں نادیہ بخاری سے بھی ہوں کیونکہ میرے اکثر استاد مجھ سے چھوٹے ہی رہے ہیں۔
    بس مصباح کی سو باتوں کی ایک بات کہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بڑوں کی بات ہمیشہ بڑی ہوتی ہے، اور خاص طور پر جب کردار و عزم کی بڑائی اللہ نے دی ہو۔۔۔۔۔۔

  16. آپ سب کے درمیان میں خود کو بے انتہا خوش قسمت پاتی ہوں .. دن رات بس یہی دعا کرتی ہوں کہ اللہ تعالی ہم سب کو اپنی مہرباں سائے تلے رکھے ..آمین

  17. مییرے پاس اتنے الفاظ نہیں کہ میں جناب مصباح حسین جیلانی صاحب اور ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ او ر میرے مشفق کرم فرما جناب صفدر ھمدانی صاحب کا شکریہ ادا کرسکوں کہ انہوں نے مجھے اپنا سمجھا ۔ یہ ہی میرے لیے ایک عظیم اعزاز ہے ۔

    میں نادیہ بتول بخاری صاحبہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میری تبصرو ں کے جواب میں اتنی محبت اور سعادت مندی سے کام لیا۔ میں بھی صفدر ھمدانی صاحب کی طرح یہ کہتا ہوں کہ ؛

    “سیکھتا تو میں نادیہ بخاری سے بھی ہوں کیونکہ میرے اکثر استاد مجھ سے چھوٹے ہی رہے ہیں۔“

    بس اس بار بھر سعدی کا یہ شعر دہراتا ہوں کہ:
    جمالِ ہم نشیں درمن اثر کرد
    وگرنہ من کہ اک خاکم کہ ہستم

    فقط:
    دعاگو اور دعاوں کا طالب
    منظور قاضی
    از جرمنی

  18. توبہ توبہ مجھے گنہگار مت بنائیں اپ کو لفظ معزرت جچتا نہیں محتر م منظور قاضی صا حب اللہ پاک اپکو اباد رکھے امین
    محتر م سیدمصباح حسین صا حب ہمیشہ خوش رہیں اپ ۔۔ میں اکثر سوچا کرتی تھی کہ شائد میری بچگانہ سوچ نظر انداز ہو جاتی ہے تبھی اپ میرے بلاگ پر روشنی بہت کم ڈالتے ہین لیکن میں نے جب کل پڑھا تو جواب نہ بن پایا ایک دن لگا سوچنے میں کہ اپ عظیم اساتزہ کی شان میں کیا لکھوں کہ شکریہ کا حق ادا ہو سکے اور اج محتر م منظور قاضی صا حب مجھ سے وعدہ کریں کہ کہ اب مجھے کبھی شرمندہ نہیں ہونے دیں گے ۔۔۔۔۔۔۔۔پیارے عمو جان یہ کیا بات ہوئی اپ میرے شفیق استاد ہیں اور میرا فخر ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    پیاری نگھت نسیم صاحبہ معزرت چاہوں گی دیگر بلاگز میں اس لئے حا ضر نہیں ہو پا رہی کل 2 دن کی چھٹی کے بعد سرگودھا سے لاہور ائی ہوں دانتوں میں تکلیف تھی ڈاکٹر نے میرے 9 دانتوں میں فلنگ کی ہے جس کی مجھے بھی امید نہیں تھی ایک دو دن لگیںگے نارمل ہونے میں میں اپ کو دیگر بلاگز میں بھی دکھائی دوں گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  19. اب کیسی ہو نادیہ ۔۔ مجھے بھی فکر ہو رہی تھی کہ تم دیکھائی کیوں نہیں دے رہی ہو ۔۔ بس پہلے اچھی طرح سے اچھی ہو جاؤ پھر آنا کسی اور بلاگ پر ۔۔ یہاں آنا ضروری تھا کہ منظور بھائی کے لئے ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ وہ عالمی اخبار کی کسی بھی بزم کاحصہ نہ ہوں ۔۔ جیتی رہو یونہی ہم سب کامان بڑھاتی رہو ۔۔۔

  20. میرے پسندیدہ بلاگ نگاروں کی ملکہ : محترمہ نادیہ بتول بخاری صاحبہ سے وعدہ کرتا ہوں کہ جیسا انہوں نے کہا ہے کہ “ اج محتر م منظور قاضی صا حب مجھ سے وعدہ کریں کہ کہ اب مجھے کبھی شرمندہ نہیں ہونے دیں گے “ ، بس وہی کرونگا۔

    انکو شائد یہ معلوم ہوگیا ہوگا کہ میں انکے بلاگوں کو بڑی پابندی سے پڑھتا ہوں اور ان بلاگوں کے ہر ہر لفظ کو پڑھکر یہ محسوس کرتا ہوں کہ اس بلاگ نگار میں خدا نے ایک ایسی صلاحیت عطا کی ہے کہ وہ اپنےبلاگوں سے سب پڑھنےوالوں کے دلوں کو چھو لیتی ہے۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    مجھے انکے وہ دونوں انڑویو یاد ہیں جن میں انہوں نے جاوید اقبا ل اور ہندوستان کے ایک سیاسی رہنما کو اپنے سوالوں سے رلا دیا تھا۔
    مجھے انکے وہ بلاگ بھی یاد ہیں جن میں انہوں نے :

    ایک خوبصورت لڑکی کے چہرہ پر کسی دل چلے کے ہاتھوں تیزاب پھینکنے کا تذکرہ کیا تھا
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    وہ بلاگ بھی یاد ہے جس میں انہوں نے اپنے سرگودھا سفر کے دوران ایک غریب اور مفلس مسافر کو بس کے کنڈکٹر اور ڈرایور کے ہاتھوں ذلیل ہوتے دیکھا تھا صرف اس لیے کہ اس کے پاس ٹکٹ خریدنےکے لیے پیسے نہیں تھے۔۔۔۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    وہ بلا گ بھی یاد ہے جس میں انہوں نے لاہور کے ایک بد نام محلہ کے ایک نوجوان کے متعلق لکھاتھا جس کے باپ کا نام اس نوجوان کو معلوم نہیں تھا۔
    ۔۔۔۔۔۔
    انکا وہ بلاگ بھی نہیں بھولونگا جس میں انہوں نے اپنی طالب علمی کے زمانے کی ایک خوبصورت ترین طالبہ کے متعلق لکھا تھا جو معذور تھی اور چلنے پھرنےمیں دقت محسوس کرتی تھی ۔ ( اس لڑکی کو دیکھتے وقت انہوں نے دل ہی دل میں اس لڑکی کی کسی “کمی “ کے متعلق سوچا تھا ۔)۔

    ۔۔۔۔۔
    انکا وہ بلاگ بھی یاد ہے جو قبل از وقت بند کردیا گیا ا س لیے کہ اس میں انہوں نے یہ سوال کیا تھا کہ کیا عشق کے لیے “لمس “ ضروری ہے۔؟
    ۔۔۔۔۔۔
    میں اس تبصرے کو طویل کرنا نہییں چاہتا اسلیے اب اس فہرست کو یہیں پر ختم کرتا ہوں۔
    ۔۔۔
    اللہ سیدہ نادیہ بتول بخاری صاحبہ کا زورِ بیاں اور زیادہ کرے ۔آمین

    ۔۔۔
    میں ان سے صرف یہ کہنا چاہتا ہو ں کہ انکے بلاگوں میں میرے تبصرے صرف انکے بلاگوں کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے تھے ۔ ان کا مقصد انکو “ شرمندہ کرنا “ نہیں تھا ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    انکے تبصروں میں جو حقیقتیں بیان کی گئی ہیں ان کے انجام کے معلوم نہ ہونے سے میں بے حد بے چین اور فکرمند ہوجاتا ہوں ۔

    ان لڑکوں اور لڑکیوں کے موجودہ حالات کے متعلق جاننے کے لیے دل تڑپ جاتا ہے ۔ ، جو نادیہ بتول بخاری صاحبہ کے بلاگوں کا مرکزی کردار ادا کرتے ہیں ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ،جھے علم ہے کہ بقول جناب مصباح حسین جیلانی صاحب :

    “بلاگ کا کہیں بھی مقصد مسائل کا حل نہیں نہیں ہوتا، بلکہ یہ صحافت کا ہی یہ ایک شعبہ ہے، جہاں خبر یا کسی بھی موضوع کو آپ جیسے کہنہ مشق بزرگوں کے تبصروں کے لئے پیش کر دی جاتی ہے۔“

    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    میر ا مقصد بلاگ نگاری کے ذریعہ “مسائل کو حل کرنا نہیں“ ہے مگر جب کوئی بلاگ نگار کسی حقیقت کو بیان کرے تو دل میں یہ ضرور سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس بلاگ کا مرکزی کردار اب کس حال میں ہے؟
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نادیہ بتول بخاری صاحبہ کے اس بلاگ بعنوان “ درخواست “ کے متعلق صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر وہ اپنی یونیورسٹی کے بلند عہدیدار سے نہیں تو کم ازکم شوکت علی ولد حا کم علی سے پی پوچھ گچھ کرکے یہ بتادیں کہ اس غیر مستقل ملازم کی درخواست اور اسکی قسمت کا کیا بنا ۔ مجھے اس کی بے حد فکر ہے اس لیے کہ ایک غیر مستقل ملازم 31 سال کی ملازمت کے باوجود ( شاید پاکستان کے قوانین کے مطابق ) وظیفہ کا مستحق نہیں ہوتا ۔ ( اگر وہ وظیفہ کا مستحق ہے تو پھر مجھے اس کی فکر نہیں کہ و ہ اپنی ا3 سالہ ملازمت میں مستقل رہا یا عارضی ہی رہا )
    ۔۔۔۔۔۔۔۔

    اللہ سیدہ نادیہ بتول بخاری صاحبہ کے دانتوں کا درد دور کردے اور انہیں پھر سے بلاگوں کے لکھنے کے مواقع عطا کرتا رہے ۔ آمین
    ۔۔
    فقط:
    خیر اندیش
    منظور قاضی
    از جرمنی

  21. محترم منظور قاضی صا حب ماشااللہ اپ کی کیا بات ہے مجھ ناچیز کے لئے اتنا کچھ جزاک اللہ۔۔۔۔۔۔۔
    میں جانتی ہو ں کہ اپ بہت حساس طبیعت ہیں میری بھی یہی کوشش ہوتی ہے کہ انجام تک پہنچا جائے لیکن ہر انجام تک پہنچنا ممکن نہیں ہوتا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *