اے اللہ ۔۔ میرے مالک ۔۔ میرے رب کریم

نناوے اسماء اللہ الحسنیٰ کی مدد سے لکھی گئی دعا جو ہر ددرمند دل کی التجا ہے ۔۔۔ آپ سب کی بارگاہ فکر میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہی ہوں ۔۔

(اپنے انتہائی مہربان اور شفیق بھائی اظہر الحق کی قلبی ممنون ہوں جنہوں نے اسی نیازمندی سے اس دعا کو نیا اظہار دیا )

دعا
اے اللہ ۔۔ میرے مالک ۔۔ میرے رب کریم
یہ میں کیسے زمانے کی گواہ بن رہی ہوں
یہ کیسے دن رات ہیں
جن پر تیرا قہر ہر سو تاریکی کی طرح چھایا ہوا ہے
کیسا یہ اندھیر ہے
کہ
صاحب جبروت تو ہے اور ساری مخلوق تیرے زیرِ تصرف ہے
اور دنیا کے یہ دجال
ساری مخلوق کو اپنے تصرف میں رکھنے کے دعویدار ہے
اے رحم کرنے والے نہایت مہربان مالک
مالک و کارساز تو، سب کا سب سے بڑا محسن تو ہے
سارے جہانوں کی کبریائی بڑائی پر بس تیرا ہی حق ہے
اور دنیا کے یہ لوگ
ابو جہل اور ابو لہب کے سارے وصف اپنا رہے ہیں
اے سب پر غلبہ پانے والے سب سے زیادہ عزت والے رب
اے سب کو روزی دینے والے
سب کے لیے رحمت و رزق کے دروازے کھولنے والے رب
تنگی کرنے والا تو ہے اورسب سے بڑاصاحبِ قوت بھی تو ہے
اور یہ صاحب ثروت
تیرے ہی بندوں سے چھین کر غاصبوں کی طرح ذخیرہ کر رہے ہیں
اے سب کچھ جاننے والے بہت بخشنے والے خدا
بہت مضبوط ہے تو پست کرنے والا اور موت دینے والا بھی توہے
اور یہ دنیا پر حکمران
اپنے ہاتھوں سے اپنے ہی لوگوں کے گلے دن رات کاٹ رہے ہیں
اے سب کچھ سننے والے خدا
میرے حاکمِ حقیقی سراپا عدل و انصاف
سب پر پوری طرح غالب تو جس کے سامنے سب مغلوب اور عاجز ہیں
تو ہی ہے مجرمین کو کیفرِ کردار کو پہنچانے والا
سب پر کامل اقتدار رکھنے والا
اور تیرے یہ مجرم
دنیا میں یوں دندنا رہے ہیں جیسے انہیں کوئی فنا نہیں ہے
تو ہی ہے توبہ کی توفیق دینے والا اور توبہ قبول کرنے والا
زندگی بخشنے والا
اور دنیا کے یہ بےبس انسان
اپنی جھولی پھیلائے انسانوں سے رحم کی بھیک مانگ رہے ہیں
یہ کیا ہو رہا ہے ۔۔ سارے جہانوں کے مالک اور مہربان
امن و امان عطا کرنے والے۔۔صاحبٍ مستحقِ حمد و ستائش
نہایت بردبار سب کے نگہباں سب کو سامانِ حیات فراہم کرنے والے
مرے مالک ۔۔ میرے رب کریم ۔۔
یہ میں کیسے زمانے کی گواہ بن رہی ہوں
جہاں ہم یہ بھول بیٹھے ہیں
کہ
صرف تو ہی ہے ہمارا رب
بغیر مثالِ سابق کے مخلوق کا پیدا کرنے والا
سب کے فنا ہونے کے بعد باقی رہنے والا
یعنی ہمیشہ رہنے والا ۔۔۔جسے کبھی فنا نہیں ہے
صاحبِ رشد و حکمت ۔۔ جس کا ہر فعل درست ہے
میں یہ سوچ رہی ہوں کب سے ۔۔۔
اے نفع پہنچانے والے سراپہ نور ، سارے جہانوں کے مالک
تو بے شک صاحبِ جلال اور بہت کرم فرمانے والا ہے
تو بڑا صابر ہے بندوں کی بڑی سے بڑی نافرمانیاں دیکھتا ہے
اور
فوراً عذاب بھیج کر انہیں تہس نہس نہیں کرتا
پر ایک التجا ہے تجھ سے
اے میرے ہر بات سے با خبر بے نیاز رب
اے میرے نگہدار محافظ میرے حقیقی رب
عادل و منصف تو ہے اور حقدار کو حق عطا کرنے والا بھی تو ہے
اے امن و امان عطاکرنے والے صاحبٍ کرم
میری ارض پاک پر رہنے والوں کو ان کا حق عطا کر
اے سب کے لیے کفایت کرنے والے
ان کی کفایت کر
اے عظیم القدرسرپرست و مددگار
بس تو ان کا منصف بن جا اور ان کا انصاف کر
(آمین )
ڈاکٹر نگہت نسیم
سڈنی

22 thoughts on “اے اللہ ۔۔ میرے مالک ۔۔ میرے رب کریم”

  1. السلام علیکم
    نگہت آپی ، آپ نے درست کہا یہ ہم سب کے دلوں کی بھی فریاد ہے ، خصوصا آپ کا یہ مصرعہ تو گہرائی تک اُترتا چلا گیا ہے ۔
    یہ میں کیسے زمانے کی گواہ بن رہی ہوں
    بلکل درست ، یہ ہم کیسے زمانے کے گواہ بن رہے ہیں ، مقام فکر ہے ، بلکہ ’’ اِس زمانے پر گواہ ہونا‘‘ خود اپنی ذات میں ایک المیہ ہے ۔
    اللہ آپ کے قلم کو مزید روانی عطا فرمائے ۔ آمین ۔
    آصف احمد بھٹی

  2. میں ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی اتنی پراثر دعا پر دل سے آمین ثمہ امین کہتاہوں ۔

  3. سبحان اللہ ، ڈاکٹر صاحبہ کی انتہائی پراثر دعا اور عالمی اخبار کی نہایت عمدہ پیشکش ، مرحبا۔

  4. اللہ سے شرف قبولیت چاہتی ہوں .. آپ سب کی مانگی ہوئی ہر دعا کی قبولیت کی تمنا رکھتی ہوں …صدق دل سے آمین کہتی ہوں .. جزاک اللہ ..

  5. سبحان اللہ
    نگہت آپی کمال کردیا آپ نے
    “اور دنیا کے یہ دجال
    ساری مخلوق کو اپنے تصرف میں رکھنے کے دعویدار ہے“
    شائد دعویدار ہی نہیں بلکہ خدا بن بیٹھے ہیں
    اے عظیم القدرسرپرست و مددگار
    اے غفور اے رحیم
    اے جلد نیکی کا بدلہ دینے والے
    اے بد اعمالی کی سزا دینے میں تاخیر کرنے والے
    تو ہی ھمیں قرار دے سکتا ہے صابروں میں
    اور نہ قرار دینا ھمیں ان میں
    جن پر تیرا قہر نازل ہوا
    اور جو مزید تیرے عذاب کے مستحق ہیں!!!
    آمین

  6. السلام علیکم
    نگہت آپی ، آپ کی اِس خوبصورت ’’ دُعا ‘‘ کے ساتھ اور اِن اسمائے الحسنی کے صدقے کے طفیل میں بھی اپنی ’’ فریاد ‘‘ بارگاہ الہی میں پہنچانے کی جسارت کر رہا ہوں ۔

    ’’ فریاد ‘‘
    اے خدا ! کیا تجھے کچھ دیر کی فرصت نہیں ہے ؟
    کیا اب تجھے میرے قبیلے سے محبت نہیں ہے ؟
    تو خاموش ہے مصروفِ تماشہ کیوں ہے ؟
    ایک تیرا ہی آسرا ہے پر تو خفا سا کیوں ہے ؟
    میرے معصوموں کے بریدہ سردکھائی نہیں دیتے ؟
    یا اُنکے خاموش لہجے چیختے سنائی نہیں دیتے ؟
    تیرے رہتے عصمتیں پامال ہو رہی ہیں
    معیار بدل گیا ہے حُرمتیں زوال ہورہی ہیں
    تو جانتا ہے سب میں اب تجھے بتاؤں کیا کیا
    اتنے زخم ملے ہیں میں اب دکھاؤں کیا کیا
    پیاس شیطانوں کی ہمارے لہو سے بجھ رہی ہے
    اور تیری رحمت ناجانے کیا دیکھ رہی ہے
    تیرا دیوانہ جو کوئی تیرے نام کی’’ ہو،، کرتا ہے
    اِک شعلہ سا اُس پہ لپکتا ہے اوراُسکا لہوگرتا ہے
    میرے مالک ! تیرے نام کی جو مالا جپے جاتے ہیں
    دیکھ ! کیسے کیسے آسمان مٹی میں ملے جاتے ہیں
    تیرا بندہ کہلانے کی جس کو بھی چاہت ہے
    اُسے انسان بھی ہونے پہ اب ندامت ہے
    تو نے منصف اُنہیں ہی بنایا جو خود ظلم کرتے ہیں
    ننگی تلواریں لیے تیرے دیوانے کے سر قلم کرتے ہیں
    تیرے نام سے ! تیری یاد سے جن کا دل آباد ہے
    اے میرے خدا ! یہ میری نہیں اُن کی ہی فریاد ہے
    دلوں میں تیری الفت کا چراغ جلانے والے
    مٹ رہے ہیں تیرے نام پہ کٹ جانے والے
    آصف احمد بھٹی

  7. جعفر بھائی آپ بہت عمدگی سے ایک نظم سے اپنی نظم کے ساتھ تسلسل جوڑنے کا ہنر رکھتے ہیں جو بہت اچھا لگتا ہے ..ماشاللہ

  8. آصف بھائی بہت ہی خوب .. جیتے رہئے ..
    دلوں میں تیری الفت کا چراغ جلانے والے
    مٹ رہے ہیں تیرے نام پہ کٹ جانے والے
    آپ کی ہر ہر دعا پر آمین

  9. مصباح بھائی بہت بہت شکریہ .. اللہ پاک آپ کو خوش و خوشحال رکھے ..آمین

  10. بہت خوب آصف صاحب ، اس شکوہ کے بعد جوابِ شکوہ بھی ہوجائے تو کیا بات ہے ۔

  11. السلام علیکم
    بہت بہت شکریہ نگہت آپی ، بس یونہی ہمیشہ اپنی دُعاؤں میں یاد رکھئے گا ۔
    آصف احمد بھٹی

  12. السلام علیکم
    جاوید بھائی ، یہ ’’ فریاد ‘‘ تو میں نے بہت پہلے کی تھی ، مگر کبھی اِس کے ’’ جواب شکوہ ‘‘ پر غور نہیں کیا ، آپ کا شکریہ کہ اِس طرف توجہ دلائی ، کوشش کروں گا کہ آپ کی خواہش کا احترام کروں ، لیکن ( چونکہ باقاعدہ شاعر نہیں ہوں بس جب دل کی لگی زیادہ سلگنے لگتی ہے تو کچھ ورق کالے ہو جاتے ہیں ) اگر ایسا ممکن نہ ہو سکا تو پیشگی معذرت چاہتا ہوں ۔
    آصف احمد بھٹی

  13. لیجئے جی مجھے بھی جواب شکوہ انتطار ابھی سے شروع ہو گیا ہے ۔۔ جاوید بھائی آپ بھی لکھئے ایک عرض اللہ پاک کو ۔۔انشاللہ وہ ہم سے کسی کو تو سنیے گا ۔۔ چلے ایسا کرتے ہیں کہ سب ہی ایک عرضی لکھیں ۔۔ سچ بہت اچھا لگے گا ۔۔۔

  14. ڈاکٹر صاحبہ ، میں نے اپنی عرضی جناب جعفری صاحب کو پہنچا دی ہے کہ دورانِ طواف وہ وہی عمل کریں جیسا کہ میں نے انہیں اپنی عرضداشت میں بھیجا ہے۔

  15. السلام علیکم
    جاوید بھائی ، اور نگہت آپی ، آپ دونوں محترمین کی خواہش پر ’’ جواب فریاد ‘‘ حاضرِ خدمت ہے ، عرض یہ ہے کہ اِسے باقاعدہ شاعری نہ سمجھا جائے ، نحض میرے دل کی ’’ فریاد ‘‘ اور پھر ’’ جوابِ فریاد ‘‘ ہی سمجھا جائے ۔

    ’’ جواب فریاد ‘‘
    میرے بندے ! کیا تجھے اب بھی میری ضرورت ہے ؟
    کیا یہ سچ ہے ، تجھے مجھ سے وہی محبت ہے ؟
    تو نے تو اپنے لیے کئی اور خدا وند تراشے ہیں
    یہ عبادتیں ، دُعائیں تو دکھاوے ہیں ، تماشے ہیں
    خود ہی معصوموں کو بیچا ، بیٹیاں نیلام کی ہیں
    اپنے گھر میں اغیار کی روایات عام کی ہیں
    میرے رہتے تو اوروں سے طلب گار ہوا ہے
    بہت شاطر بنا پھرتا ہے تو اب عیار ہوا ہے
    کچھ نہ کہہ ! میں جانتا ہوں سب افسانہ تیرا
    مجھ کو بھی سجدے ، اور شیطان سے یارانہ تیرا
    ہر دشمن کو گھر کا پتہ خود تو نے دیا ہے
    اپنے بھائیوں کے لہو کا سودا تونے کیا ہے
    کچھ دیوانے مجھے اب بھی دلوں میں بسا رکھتے ہیں
    میں جانتا ہوں وہ تجھے بہت برے لگتے ہیں
    تو بتا ! اِن بونوں کو ایوانوں میں بٹھایا کس نے ؟
    لال مسجد کے مکینوں کو مٹی میں ملایا کس نے ؟
    دی اغیار کے ہاتھوں میں وہ بیٹی کس نے ؟
    جنسِ ازراں کے لیے ، میری بندی بیچی کس نے ؟
    خودی بیچ دی ، بدلے انصاف کے پیمانے تم نے
    ظلم کیا ، خاک کر دئیے ’سب سچے دیوانے ‘‘ تم نے
    میرے نام سے جن کے دل کبھی آباد رہے
    ممکن ہی نہیں اُن کے لبوں پہ فریاد رہے
    دُنیا کو پروانوں کی اِس بات پہ حیرت رہی ہے
    کیوں عشق میں جل جانا اُن کی فطرت رہی ہے
    آصف احمد بھٹی

  16. خودی بیچ دی ، بدلے انصاف کے پیمانے تم نے
    ظلم کیا ، خاک کر دئیے ’سب سچے دیوانے ‘‘ تم نے
    (واہ ..واہ … واہ .. جیو بھائی )

    میرے نام سے جن کے دل کبھی آباد رہے
    ممکن ہی نہیں اُن کے لبوں پہ فریاد رہے
    (بہت ہی خوب اور سچ ہی سچ .. جیو جی .. )

    دُنیا کو پروانوں کی اِس بات پہ حیرت رہی ہے
    کیوں عشق میں جل جانا اُن کی فطرت رہی ہے
    (واہ ..واہ .. واہ .. ارے بھائی کس نے دیکھی ہے بحر اور وزن لیکن جو بات کہی ہے وہ ہر بحر میں وزن دار ہے ..)
    جیو .. خوش رہو .. اور ایسا ہی اچھا لکھتے رہو ..

  17. السلام علیکم
    نگہت آپی ، سچ کہا آپ نے ، کس نے دیکھی ہے وزن اور بحر ۔
    یہ درست ہے کہ باقاعدہ شاعری کے دعویدار کو تو اِن چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے مگر جو مجھ جیسے ہو ، وہ اپنے دل کی آواز کو نظم کرتے ہوئے محض اِس لیے کیوں رہ جائیں کہ اصولِ اوزان سے نابلد ہیں ۔
    آصف احمد بھٹی

  18. ماشاء اللہ آصف صاحب ، کیا آئینہ دکھایا گیا ہے نام کے نام لیوائوں کو ! مرحبا ، اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ ۔

  19. السلام علیکم
    جاوید بھائی ، میں کیا کسی کو آئینہ دکھا سکتا ہوں کہ خود اپنی حالت کا خوب اندازہ ہے ، یہ تو آپ ہی تھے اور نگہت آپی کہ جنہون نے مجھے تحریک دلائی ، ورنہ ! ! ! ! ! مجھ جیسے لوگ تو محض نام کے مسلمان رہ گئے ہیں ، ورنہ دیکھا جائے تو ہماری زندگی کا ایک ہر ہر لمحہ اُن کی نقالی اور تلقید کرتے گزر رہا ہے کہ جن کے بارے میں خود قرآن کہہ رہا ہے کہ ’’ وہ گمراہ اور بھٹکے ہوئے ہیں اور جن پر رب کا عزاب نازل ہوا ‘‘ مجھے جیسے اپنی زبان سے اسلام کا دعوی تو کرتے ہیں مگر حال یہ ہے کہ !
    ’’ آپ دیکھیں گے کہ جن لوگوں کے دلوں میں خرابی ( نفاق ) ہے وہ اُن کی طرف داڑے جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمیں ڈر ہے کہ کسی لپیٹ ( مصیبت ) میں نہ آجائیں ‘‘ سورہ المائدہ ۔
    آصف احمد بھٹی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *