ہوش و حواس کی دنیا میں قدم رکھنے سے لے کر اب تک سرخ فیتے کا نام سنتے آئے تھے مگر اُس دافع البلیات نے ہمیشہ اس بلا کے شر سے بچائے ہی رکھا ، لیکن تابکہ ! بالآخر یہ ’ سعادت ‘ بھی ہمارے ’ نامہ و نالہء دنیا ‘ میں شامل ہوکے رہی ۔ جی تو چاہ رہا تھا کہ اس پہ ایک پراحتجاج کالم لکھوں جس میں اپنا اور اپنے جیسے تمام ’ متاثرینِ سرخ فیتہ ‘ کا نوحہ قلم بند کروں مگر یہ سوچتے ہوئے کہ پتھر کے مجسموں سے ٹکرا کر یہ صدا واپس میرے کانوں سے ہی ٹکرائے گی تو کیوں نہ اسے بلاگ میں لکھ کر اپنا دکھ بھی ہلکا کروں اور ساتھ قارئین کے ذاتی تجربے ، رائے اور سفارشات کی روشنی میں کوئی بہتر لائحہ عمل اختیار کروں ۔
رمضان سے پہلے کی بات ہے کہ میں نے پاکستان اپنے ایک بھانجے ، جوکہ فوج میں میجر ہیں ، کو ایک چیک بھیجا کہ اپنے اکاونٹ کی معرفت کیش کروا کر کچھ سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف کسی ادارے اور کچھ فیملی کے ضرورت مندوں میں تقسیم کر دیں ۔ دو ہفتے بعد معلوم ہوا کہ میرے بنک ، عسکری کمرشل بنک جوکہ آرمی ٹرسٹ کے ماتحت ہے ، نے چیک اس اعتراض کے ساتھ واپس کردیا کہ اکاونٹ ’ معطل ‘ (dormant) ہونے کی بنا پہ چیک کیش نہیں ہوسکتا ۔
بنک کے تمام رابطوں کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد پہلے تو برقی رابطے کی کوشش کی مگر ہر بار ’ آپ کا مطلوبہ نمبر مصروف ہے ‘ کی مسحورکن صدا کانوں میں رس گھولتی رہی ۔ یہاں سے مایوسی کے بعد الیکٹرانک رابطے کا سہارا لیا ۔ بنک مینیجر صاحب کو ای میل کی ، جنھوں نے کمال مہربانی سے جواب کے قابل جانا اور اپنے ارشادات سے مستفید فرمایا کہ ” کہ سٹیٹ بنک کی ہدایات کی روشنی میں چھ ماہ سے زیادہ ’ خاموش ‘ رہنے والے کھاتے کو ہمیشہ کے لئے ’خاموش ‘ کردیا جاتا ہے “ ۔ احتجاج کیا ، مائی باپ گو ہماری قسمت آپ جیسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے مگر ذرا دھیان سے دیکھیں یہ اکاونٹ ’ خاموش ‘ نہیں بلکہ بڑی ڈھٹائی سے آپ سے ماہانہ محوِ گفتگو ہے کہ میری پینشن اور ایک عدد کُٹیا کا کرایہ اس میں ہر ماہ باقاعدگی سے جمع ہورہا ہے اور پھر حال ہی میں آپ نے اس میں سے زکٰوۃ بھی کاٹی ہے تو ایسے میں یہ اکاونٹ ’ خاموش ‘ یعنی معطل کیونکر ہوا ؟
جواب آیا ، ” سٹیٹ بنک کی پالیسی ہے ، ہم مجبور ہیں “ ۔ ساتھ ہی اکاونٹ کو ایکٹو کرانے کا گُر بھیجا ، جو بلاگ کی طوالت سے بچتے ہوئے نیچے تبصرے میں شامل کررہا ہوں ۔ دوبارہ ای میل میں التجا کی کہ حضور رحم فرمائیں کہ یہ رقم ایک اعلٰی مقصد یعنی انتہائی ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لئے بھیجی گئی ہے لہذا اپنے صوابدیدی اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے اس چیک کو ریلیز کردیں ، بندہ پردیس میں بیٹھا آپ کو دن رات دعائیں دے گا ۔
وہ دن اور آج کا دن ، میں اپنی اس ای میل کے جواب کے انتظار میں ہی بال سفید کر رہا ہوں !

بنک مینیجر صاحب نے اکاونٹ کی بحالی کے لئے جو فارمولہ بھیجا وہ کچھ اسطرح ہے کہ میں بنک کو ایک درخواست لکھوں ، جسے پاکستان ایمبسی یا کونسل خانے سے تصدیق کرانے کے بعد ،جبکہ ان کی تصدیق سے پہلے مجھے کسی نوٹری پبلک سے بھی تصدیق کرانی پڑے گی ، اپنے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی فوٹو کاپیوں کے ہمراہ بنک کو بھیجوں ۔جس کے بعد میرا اکاونٹ بحال ہوگا اور یوں میں اپنی جمع پونجی میں سے اپنی ضرورت کے لئے رقم نکلوانے کا حقدار ٹھہروں گا ۔
سرخ فیتے کے اس ’ رگڑے ‘ میں میں اپنی گاڑی لے کے نکلوں گا ، پہلے پارکنگ ڈھونڈوں گا پھر پارکنگ فیس اور نوٹری پبلک کی فیس ادا کرنے کے بعد اپنی درخواست پہ قانونی تصدیق کا ٹھپہ لگوائوں گا ۔ اس کے بعد میں کونسل خانے کا رخ کروں گا ، پہلے پارکنگ ڈھونڈوں گا پھر پارکنگ ادا کر کے کونسل خانے کے کلرک صاحب کو زبردستی کی مسکراہٹ کے ساتھ ، ورنہ قانونی سقم کا اندیشہ مول لینا پڑے گا ، فیس ادا کرکے درخواست جمع کرائوں گا اور واپس لوٹ آئوں گا ۔ دوپہر کو پھر وہی کاروائی دوبارہ یعنی پہلے پارکنگ کی تلاش ، پھر پارکنگ فیس کی ادائیگی اور اس کے بعد کونسل خانے سے اپنی تصدیق شدہ درخواست کی وصولی ۔ یوں پورا دن خوار ہوکر میں یہ درخواست اپنے بنک کو بھجوں گا ، ظاہر ہے ڈاک خرچ بھی ادا کروں گا ۔ بنک مینیجر صاحب ہفتے دس دن بعد درخواست وصول کرکے ’ بڑے صاحب ‘ سے منظوری لیں گے اور یوں میرا چیک ریلیز ہوگا ۔ اور اکاونٹ کو زندہ رکھنے کے لئے چھ ماہ کے اندر مجھے کوئی ایک آدھ چیک مزید کیش کرانا پڑے گا ، خواہ مجھے ضرورت ہو یا نہ ہو ، اور کیش کرانے کے بھلے اگلے ہی دن واپس بنک میں ہی کیوں نہ جمع کردوں ، کم از کم بنک ، بالخصوص سٹیٹ بنک ، کو تو تسکین حاصل ہوگی کہ یہ اکاونٹ ’زندہ ‘ ہے !
کیا اسے بہتر نہیں ہے کہ میں اپنی جمع پونجی ہی اٹھا کر کسی غیر ملکی بنک کی برانچ میں جمع کرادوں ؟ لیکن کیا کروں ، مجبور ہوں ، محبِ وطن جو ٹھہرا ! آخر وطن کی خاطر اتنی خواری بھی کوئی خواری ہے ؟ اور پھر بنک لُوٹنے والوں کی سہولت کے لئے بنک بھرنے والوں کو کچھ قربانی تو دینی ہی پڑے گی ناں !
وہ تو شکر ہے کہ میں نے پیسے یہاں سے بھجوا دئیے ورنہ سرخ فیتے کے کمال کی بدولت وہ کسی آئیندہ ، اللہ نہ کرے ، سیلاب کے موقع پہ ہی پہنچ پاتے ۔
اسلام علیکم جاوید اقبال کیانی بھائی
کیا دکھتی رگ پر ہاتھ رکھا ہے ۔
میرے بھائی اس سرخ فیتے کے مارے تو ایک ڈھونڈو ہزار ملتے ہیں ۔ اور اآپ کو یہ بھی بتا دوں کہ اآپ یہ ساری مصیبت بھر بھی لیں گے تو بھی کچھ نہیں ہونے والا ۔
بس دعا یہ ہی ہے کہ جو کچھ وہاں ہے وہ بچا رہے ۔
اللہ ہم سب کی محنت کی کمائی کو ایسے سرخ فیتوں سے بچاتا رکھے ۔اور ہمارے ملک کا نظام بہتر ہو جائے ۔
عالم اآرا وینکور
السلام علیکم
جاوید بھائی ، جیسا کہ محترمہ عالم آراء صاحبہ نے فرمایا کہ ’’ میرے بھائی اس سرخ فیتے کے مارے تو ایک ڈھونڈو ہزار ملتے ہیں ‘‘
ایسا ایک بار میرے ساتھ بھی ہو چکا ہے ، اور مجھے بھی بنک کو درخواست لکھ کر دینی پڑی تھی تب جا کر میرا معطل شدہ کھاتا بحال ہوا تھا حالانکہ اُس میں سے ذکواۃ کٹتی رہی تھی اور پیسے جمع ہوتے رہے تھے مگر نکالے نہیں گئے تھے یعنی میں نے سال بھر کوئی چیک کیش نہیں کروایا تھا اور ایک بار تو اِس سے بھی عجیب ہوا کہ میرا اور میرے ابو کا اکاؤنٹ ایک ساتھ منجمند کر دئیے گئے تھے کہ میرے ابو کا نام القائدہ کے رہنما ’’ شیخ احمد ‘‘ ( جیسے پاکستان سے گرفتار کر کے امریکہ کے حوالے بھی کیا جاچکا تھا ) سے ملتا تھا اور میرا یہ قصور نکلا کہ میں کسی زمانے میں ’’ جماعت الدعواۃ ‘‘ کے رضا کاروں کے ساتھ دیکھا گیا تھا جس کی سزا کے طور پر کئی سال تک مجھے پاکستان ، کویت ، دبئی ، اور سعودی عرب کے ایر پورٹس پر ’’ کڑی صفائیاں ‘‘ دینی پڑتی رہی ہے ، اب کچھ سالوں سے زرا ’’ اِس ’’ سرکاروں ‘‘ نے ’’ ہتھ ہولہ ‘‘ رکھا ہوا ہے ۔
آصف احمد بھٹی
محترم کیانی صاحب
اسلام علیکم
آپ کی حب الوطنی ہے جو آپ نے اتنے آپ نے اتنی تگ و دود کی اتنی محنت کی پر آج تک آپ کو انتظار کرنا پڑ رہا ہے
رہ گئی اسٹیٹ بنک کی بات
وہ کسی حد تک درست ہے پر ایسے نہیں ہے جیسے آپ کے بنک کے برانچ مینیجر نے بیان کی ہے
اسٹیٹ بنک کا حکم یہ ہے کہ اگر کوئی اکاؤنٹ 6 مہینے سے زیادہ دن تک استعمال نہ ہو (یعنی اس میں سے رقم نہ نکلوائی جائے) تو اس کو بلاک کردیا جائے ۔ یہ اقدام بھی مرکزی بنک کو اس لیے اٹھانا پڑا کہ کچھہ نا عاقبت اندیش بنک افسران اپنے” نیچے والوں“ کی مدد سے ایسے اکاؤنٹس سے رقم نکلوا لیا کرتے تھے جو کافی عرصے سے in operative ہوتے تھے ، بہرحال dormant account باآسانی صرف ایک درخواست پر دوبارہ فعال کردیا جاتا ہے۔
آپ کو یہ تو معلوم ہی ہو گا کہ ھمارے ہاں یعنی پاکستان میں شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہیں لہٰذا عسکری بنک کے مینیجر نے بھی اپنے سفارشی ماتحتوں کے بل بوتے آپ کو اتنی ذہنی اذیت دی
ایک اور کلچر یہاں پر رائج ہے وہ ہے دروغ گوئی
یہاں ہر کام جھوٹ کا سہارا لینے سے فوری حل ہوجاتا ہے اور سچ کی سزا بہرحال ویسی ہی ہے جیسی آپ نے پائی
آپ اگر برانچ مینیجر کو یہ نہ بتا تے کہ آپ اس ملک سے باہر ہیں تو شاید اتنا کچھہ نہ کرنا پڑتا
پاکستان میں تو کم وبیش ہر ایک کو قدم قدم پر اسی قسم کی باتوں کا روز ہی سامنا کرنا پڑتا ہے
نجانے کب یہاں کوئی سدھار نظر آئے گا
کوئی رستہ تو دکھا مولا
ندامت سے ہوں لرزیدہ مگر ہے التجا مولا
سزا کس جرم کی ہے اتنا تو ہم کو بتا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب ہم پہ رحم کر دے سرخ فیتے سے بچا مولا
ہیں رستے بند سارے کوئی رستہ تو دکھا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نشانے پر جو خود کُش کے ہیں میرے بھائی ہیں سارے
مرا دم گھُٹ رہا ہے صرف اک موجِ صبا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹھا کر رات دن لاشیں قدم بھی لڑکھڑاتے ہیں
یہ لاشہ نوجواں کا اب نہیں ہے اٹھ رہا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نہیں آتا سمجھ میں کس طرح اسکو جدا کردوں
بدن سے میرے لپٹا ہے مرا بندِ قبا مولا
۔۔۔۔۔۔
لہو میں تر بتر ہیں ارضِ پاکستان کے باسی
بتا دے عہدِ نو کی کیا یہی ہے کربلا مولا
۔۔۔۔۔۔۔
جہالت میں گھری ہے میرے آقا کی یہ امت سب
کرم کر اور جہالت کے یہ سب پردے ہٹا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔
تجھے ہےواسطہ آلِ محمد کا مرے مالک
خطاکاروں کی کر دے درگزر یہ بھی خطا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ میرے چاروں جانب سانپ ڈستے ہیں مجھے صفدر
ہوا ہے بے اثر کس طرح موسیٰ کا عصا مولا
“ آ عندلیب مل کے کریں آہ و زاریاں
تو ہائےگل پکار میں چلاوں ہائے دل “
جاوید اقبا ل کیانی صاحب نے سرخ فیتے کی بات چھیڑی جس کی مار تمام افراد جو ملک کے اندر رہتے ہیں یا باہر ، سب کھا چکے ہیں اور کھاتے رہتے ہیں ۔
جعفر حسین صاحب سے نے اپنے تبصرے میں اس مار کے اثر کو کم کرنے کےلیے جو علاج بتائے ہیں وہی زیادہ موثر ثابت ہوسکتےہیں ۔
پھر بھی اگر ہوسکے تو اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے اربابِ اختیار تک جاوید اقبال کیانی صاحب اپنی روئداد بذریعہ ای میل ، ٹیلیفون اور فیکس کے ، سنادیں تو ممکن ہےکہ کوئی جواب مل سکے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میرا تجربہ ہے کہ جب بھی کوئی پاکستان کی حبیب بنک کا منیجر مجھے میری رقومات کی میرے امریکن بینک کے اکاونٹ سے پاکستانی حبیب بینک میں میرے رشتہ دار کے اکاونٹ میں ترسیل اور وصولی میں تاخیر کرتا ہے تو میں سیدھا جناب ممتاز عالم صاحب کراچی کی حبیب بینک کے صدر دفتر کے افسر سے ای میل پر خط وکتابت کرکے اپنےمسئلہ کا فوری حل ڈھونڈ نکالتا ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مگر عسکری کمرشیل بینک کےمعاملے میں اگر اسکا منیجر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے کسی اصول کا حوالہ دے کر پریشان کررہا ہے تو بہتر یہ ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعلی ترین عہدہ دار سے رابطہ کیا جائے تاکہ مسئلہ ہمیشہ کےلیے حل ہوجائے :
گوگل میں یہ معلومات ملی ہیں :
State Bank of Pakistan
Central Directorate
I.I. Chundrigar Road
Karachi
Pakistan.
Phone: 111-727-111
For Queries regarding:
Complaints of Commercial Banks etc.
Click Here to Send Complaints
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Following are Conversion Rates Valid for:
A) Customer transactions on OCT 26, 2010 for the conversion of FC Deposits, DBC /FCBC, Special US Dollar Bonds and profits thereon and forward cover for Deposits (Excluding FE-25)
B) SBP settlement value Date OCT 28, 2010
USD PKR 85.8891
GBP PKR 135.1637
JPY PKR 1.0654
EURO PKR 120.5797
State Bank of Pakistan
I.I. Chundrigar Road, Karachi, Pakistan.
Phone: 111-727-111, Fax: (+92-21) 9212433 – 9212436
http://www.sbp.org.pk
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہرکیف :
جاوید اقبال کیانی صاحب اور ان سب کو جو سرخ فیتے کے مارے ہوئےہیں ، دلی دعاوں اور ہمدردیوں کےساتھ
منظور قاضی
جرمنی سے
جاوید بھائی کم و بیش یہی مشکل مجھے پیش آئی تھی جب میں نے حبیب بینک سے پیسے نکلوانے کے لئے اپنی چیک بک پر سائن کئے ۔ ارے بھائی آپ تو یہاں ہیں میں سڈنی سے پاک گئی تھی دو سال بعد اور ان کے سامنے موجود تھی اپنے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے ساتھ اور انہوں نے ایک بھی کاغذ تسلیم نہیں کیا اور نتیجتا کئی چکروں کے بعد دو سال اکاؤنٹ زندہ نہ رکھنے کی پاداش پر اس کی موت کی تصدیق کر دی اور پچاس ہزار کی خطیر رقم اس کے کفن دفن کے لئے بنک والوں نے رکھ لی ۔۔ سو وہ دن ہے آج کا دن ہے محب وطن ہوتے ہوئے بھی آپ جتنی محب وطن نہیں ہو سکی ۔۔ ۔۔
بابا غزل انتہائی حسب حال اور ہمیشہ کی طرح مدلل ۔۔ واہ ۔۔ بہت عمدہ ۔۔
السلام علیکم
محترم صفدر ہمدانی صاحب ، اگر یہ فی البدہیہ ہے اور یقینا ہے تو کیا کہنے ، اور اِس شعر نے تو سینہ ہی چیر دیا ہے ۔
لہو میں تر بتر ہیں ارضِ پاکستان کے باسی
بتا دے عہدِ نو کی کیا یہی ہے کربلا مولا
آصف احمد بھٹی
جناب صفدر ہمٰدانی صاحب ،
سبحان اللہ مرشد ، آپ نے میرے سارے دکھڑوں کو کیا خوب زباں بخشی ہے ۔ حق مرشد کی ایسی ادائیگی ایک مرید کے لئے بڑا فخرِ اور مان ہے ۔ ماشاء اللہ ، مرحبا ۔
لہو میں تر بتر ہیں ارضِ پاکستان کے باسی
بتا دے عہدِ نو کی کیا یہی ہے کربلا مولا
اس میں کیا شک ہے کہ جب عہدِ نو میں بھی یزیدیت موجود ہے تو چپہ چپہ کربلا نہیں تو پھر کیا ہوگا ؟ ۔ بس رب سے یہی دعا ہے کہ حُسینیت کو فتح نصیب فرمائے ، آمین ۔
کاش مجھے یہ پتہ ہوتا کہ یہ بلاگ ایسے مثالی کلام کا پیش خیمہ ہوگا تو اسے اتنے دن ڈرافٹس میں نہ چھپائے رکھتا ۔
محترمہ عالم آ را صاحبہ ،
” بس دعا یہ ہی ہے کہ جو کچھ وہاں ہے وہ بچا رہے ۔ اللہ ہم سب کی محنت کی کمائی کو ایسے سرخ فیتوں سے بچاتا رکھے ۔اور ہمارے ملک کا نظام بہتر ہو جائے “
محترمہ میں آپ کی دلی آواز کے ایک ایک لفظ پہ ہزار بار ثمہ آمین کہتا ہوں اور اپنے ادبی مرشد کے شاہکار کلام کے حوالے سے بات ختم کرتا ہوں :
ندامت سے ہوں لرزیدہ مگر ہے التجا مولا
سزا کس جرم کی ہے اتنا تو ہم کو بتا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب ہم پہ رحم کر دے سرخ فیتے سے بچا مولا
ہیں رستے بند سارے کوئی رستہ تو دکھا مولا
آپ کا بہت شکریہ ۔
آغا صاحب ! بہت ہی اعلٰی، بہت ہی زبردست
لہو میں تر بتر ہیں ارضِ پاکستان کے باسی
بتا دے عہدِ نو کی کیا یہی ہے کربلا مولا
جہالت میں گھری ہے میرے آقا کی یہ امت سب
کرم کر اور جہالت کے یہ سب پردے ہٹا مولا
تجھے ہےواسطہ آلِ محمد کا مرے مالک
خطاکاروں کی کر دے درگزر یہ بھی خطا مولا
یہ میرے چاروں جانب سانپ ڈستے ہیں مجھے صفدر
ہوا ہے بے اثر کس طرح موسیٰ کا عصا مولا
تاکہ از عراق تریاق آوردہ شود
مارگزیدہ . . . مردہ شود
محترم آصف احمد بھٹی صاحب ،
” جیسا کہ محترمہ عالم آراء صاحبہ نے فرمایا کہ ’’ میرے بھائی اس سرخ فیتے کے مارے تو ایک ڈھونڈو ہزار ملتے ہیں ‘‘
اور محترم میں نے یہ بلاگ بھی اسی لئے شروع کیا ہے کہ تمام ’ متاثرین سرخ فیتہ ‘ کی آپ بیتی اور آہ و زاریوں کو ایک دستاویزی شکل میں جمع کروں ۔
میں اپنا احتجاج سٹیٹ بنک اور عسکری بنک سے آگے وزارتِ خزانہ اور وزارتِ عظمٰی تک بھی پہنچائوں گا ، یہ جانتے ہوئے بھی کہ میری فریاد پتھر کی ان مورتیوں سے ٹکرا کر واپس میرے کانوں کے پردے ہی پھاڑے گی لیکن پھر بھی اس جہاد سے پیچھے نہیں ہٹوں گا کیونکہ یہ سراسر ناانصافی اور ظلم ہے کہ کسی صاحبِ حیثیت اور دردِ دل رکھنے والے انسان کے عطیات کچھ ضرورت مندوں تک محض سرخ فیتے کی وجہ سے راستے سے ہی لوٹ آئیں ۔
جہالت میں گھری ہے میرے آقا کی یہ امت سب
کرم کر اور جہالت کے یہ سب پردے ہٹا مولا
یہ جہالت نہیں تو پھر کیا ہے ۔ دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی ۔ دنیا کا بینکنگ کا نظام دیکھیں کتنا منظم اور آسان ترین ہوتا جارہا ہے اور اپنے ہاں دیکھ لیں کہ آپ کو اپنے زندہ ہونے کے ثبوت میں اپنے ہمراہ دو تین گواہ پیش کرنے پڑتے ہیں ۔
اب ہم پہ رحم کر دے سرخ فیتے سے بچا مولا
ہیں رستے بند سارے کوئی رستہ تو دکھا مولا
آپ کا بے حد شکریہ ۔
محترمہ ڈاکٹر نگھت نسیم صاحبہ ،
” ارے بھائی آپ تو یہاں ہیں میں سڈنی سے پاک گئی تھی دو سال بعد اور ان کے سامنے موجود تھی اپنے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے ساتھ اور انہوں نے ایک بھی کاغذ تسلیم نہیں کیا “
جس ملک میں مُردے تو ووٹ بھی ڈال دیں لیکن زندہ لوگ اپنے ہمراہ دو تین گواہوں کے ساتھ اپنے زندہ ہونے کی دہائی دے رہے ہوں ۔۔۔۔۔۔۔’ اس دیس میں ( اُلٹی ) گنگا بہتی ہے ‘ ۔
بلاگ کے اختتام پر میں اس کا پرنٹ نکال کر حکومت پاکسان کے تمام متعلقہ محکموں کے داخل دفتر کرائوں گا ، لہذا آپ سب اس ’کارِ خیر ‘ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ، شکریہ ۔
محترم جناب جعفر حسین صاحب
اسٹیٹ بنک نے جو بھی احکامات دئیے ہیں ظاہر ہے عوام کی بھلائی کے لئے ہی ہیں لیکن حالات و واقعات کے مدنظر صوابدید بھی تو کسی بلا کا نام ہے کہ نہیں ۔ ایک کراس چیک میں ، جبکہ وہ بھی ایک گزٹڈ ( آرمی ) آفیسر کے اکاونٹ میں جارہا ہو وہاں ، کون سی قباحتیں ہو سکتی ہیں ۔ کھاتہ دار کی فون کال یا ای میل بھی بنک مینیجر کی تشفی کے لئے کافی ہونی چائیے ، بشرطیکہ اس کی گردن میں کوئی سریا نہ ہو ۔ اگر کوئی اکاونٹ 6 ماہ میں رقم نہ نکلوانے پہ dormant ہوسکتا ہے تو پھر اس میں ڈیپازٹس بھی تو نہیں جانے چائییں اور پھر بنک کو کیا اختیار ہے کہ ایک dormant اکاونٹ سے اپنی مرضی سے کٹوتی کرتا رہے ؟ کیا سٹیٹ بنک اس بارے میں کوئی ہدایات جاری نہیں کر سکتا ؟
یہ اسی سرخ فیتے کے اثرات ہیں جو بیرونِ ملک تمام پاکستانی نہ صرف اپنی رقوم فارن بینکوں میں رکھتے ہیں بلکہ پاکستان اپنی رقم کی ترسیل بھی ہنڈی کے ذریعے کرتے ہیں جسے ملک اربوں کے سالانہ زرِ مبادلہ سے محروم رہ جاتا ہے اور اس کی واحد وجہ یہی سرخ فیتہ یعنی بنکوں کے غیر ضروری تاخیری حربے اور غیر معیاری سروس ہے ۔
محترم جناب منظور قاضی صاحب ،
” آ عندلیب مل کے کریں آہ و زاریاں
تو ہائےگل پکار میں چلاوں ہائے دل “
قبلہ یہ بلاگ شروع ہی آہ و زاریوں اور دل کے دکھڑوں کے لئے کیا گیا ہے ، جسے جناب ہمٰدانی صاحب نے نہایت پر تاثیر زبان عنایت کر دی ہے ۔
” پھر بھی اگر ہوسکے تو اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے اربابِ اختیار تک جاوید اقبال کیانی صاحب اپنی روئداد بذریعہ ای میل ، ٹیلیفون اور فیکس کے ، سنادیں تو ممکن ہےکہ کوئی جواب مل سکے ”
جناب میں یہ پورے کا پورا بلاگ پرنٹ کرکے ارباب اختیار تک پہنچائوں گا اور وہ بھی اسی آرزو کے ساتھ کہ :
ندامت سے ہوں لرزیدہ مگر ہے التجا مولا
سزا کس جرم کی ہے اتنا تو ہم کو بتا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب ہم پہ رحم کر دے سرخ فیتے سے بچا مولا
ہیں رستے بند سارے کوئی رستہ تو دکھا مولا
آپ کا بہت شکریہ ۔
محترم کیانی بھائی
آپ نے بجا فرمایا کہ dormant اکاونٹ میں ڈیپازٹس بھی نہی ہو سکتا آپ اس کی شکایت SBP تک ضرور پہنچایئں ھم نے اس سلسلے میں آج کچھ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی مگر زیادہ کچھ حاصل نہیں کر سکے انشأاللہ جلد آپ کو پراپر طریقہ بتایئں گے اس معاملے کو طے کرنے کے لیئے
میں بھی ایک سرکاری بینک (نیشنل بنک ) میں ملازم ہوں لیکن ھیڈ آفس میں ہونے کی وجہ سے برانچ کی زیادہ معلومات نہیں مگر آپ اور آپ جیسے دوسرے محب وطن افراد (جو سرخ فیتے کے ڈسے ہوئے ہوں) کی مدد کرنا ھمارا اولیں فرض ہے
خدا کرے ھم اپنے مقصد میں کامیاب ہوں اور پروردگار کے رو برو سرخرو ہو سکیں آمین
اسلام علیکم ساتھیو
صفدر بھائی کمال کی شاعری ہے ،جس کی تعریف کرنا مجھ جیسی ظفلِ مکتب کے اختیار میں نہیں ۔مگر انکھیں بے اختیار ہوئیں اور نم ہوگئیں ۔
اٹھا کر رات دن لاشیں قدم بھی لڑکھڑاتے ہیں
یہ لاشہ نوجواں کا اب نہیں ہے اٹھ رہا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نہیں آتا سمجھ میں کس طرح اسکو جدا کردوں
بدن سے میرے لپٹا ہے مرا بندِ قبا مولا
۔۔۔۔۔۔
لہو میں تر بتر ہیں ارضِ پاکستان کے باسی
بتا دے عہدِ نو کی کیا یہی ہے کربلا مولا
۔۔۔۔۔۔۔
جہالت میں گھری ہے میرے آقا کی یہ امت سب
کرم کر اور جہالت کے یہ سب پردے ہٹا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔
تجھے ہےواسطہ آلِ محمد کا مرے مالک
خطاکاروں کی کر دے درگزر یہ بھی خطا مولا اآمین
محترم آپ سب نے تو پیسے نکلوانے کے لیے مشکل اُٹھائی میرے ایک جاننے والوں نے تو پیسے جمع کرانے میں یہ ازیت سہی
مگر دل کہتا ہے کہ اآئیگا کوئی خضر جو رستہ دکھائے گا ۔ امید پہ دنیا قائم ہے اور ہم بھی ۔
اللہ ہم سب پر رحم کرے اور ہمیں بلاوجہ کی پریشانیوں اور نقصان سے بچاتا رکھے ۔
عالم آرا
وینکور
محترم جناب جعفر حسین صاحب ،
آپ نے بہت اچھا کیا جو اپنا تعارف کرادیا ورنہ میں خود پوچھنے کی گستاخی کرنے والا تھا ۔
آپ کا شکریہ جو آپ نے ایک کامن سینس کی بات ، ” کہ dormant اکاونٹ میں ڈیپازٹس بھی نہیں ہو سکتا “ ( اور نہ ہی بنک اس میں سے کٹوتی کرنے کا مجاز ہے ) پہ مہر تصدیق ثبت کی ۔ آپ کا ہمارے ساتھ اس عالمی بلاگ فیملی میں ہونا میرے لئے اللہ کی دین ہے کہ پردیس میں بسنے والوں کے مسائل دیس میں بیٹھے لوگوں سے ڈسکس کرنے کا موقع ملتا ہے ۔
SBP تک تو میں اپنا احتجاج ضرور پہنچائوں گا ۔ اسے بلاگ میں اٹھانے کا مقصد ، کوئی ماتم خوانی نہیں بلکہ ، دوسرے قارئین کے ذاتی تجربات ، مشاہدات ، آراء اور ان کی تجاویز و سفارشات حاصل کرنا ہے تاکہ SBP کو ٹھوس تجاویز بھیجی جائیں کہ جن سے ایسی مشکلات اور شکایات کا مستقبل میں سدباب ہوسکے ۔
” میں بھی ایک سرکاری بینک (نیشنل بنک ) میں ملازم ہوں لیکن ھیڈ آفس میں ہونے کی وجہ سے برانچ کی زیادہ معلومات نہیں مگر آپ اور آپ جیسے دوسرے محب وطن افراد (جو سرخ فیتے کے ڈسے ہوئے ہوں) کی مدد کرنا ھمارا اولیں فرض ہے ۔ خدا کرے ھم اپنے مقصد میں کامیاب ہوں اور پروردگار کے رو برو سرخرو ہو سکیں آمین “
آپ کے یہی الفاظ تمام زخموں پہ مرحم ہیں ۔ اللہ آپ جیسے روشن خیال ، خدا ترس اور محب وطن افراد کو ترقیاں دے جو اس سرخ فیتے کو سبز فیتے میں بدل کر جناب ہمٰدانی صاحب کے اس خواب کی تعبیر دے سکیں :
اب ہم پہ رحم کر دے سرخ فیتے سے بچا مولا
ہیں رستے بند سارے کوئی رستہ تو دکھا مولا
آپ کا بے حد شکریہ ۔
السلام علیکم
جاوید بھائی ، جہاں تک مجھے علم ہے دُنیا کے کئی ممالک میں جہاں کم و بیش ہمارے ملک جیسا ہی بنکاری نظام موجود ہے dormant اکاونٹ میں ڈیپازٹس ہو سکتا ہے صرف آپ اُسے جب تک ری ایکٹو نہ کروالیں رقم ( چیک کے زریعے ورنہ ڈیبیٹ کارڈ استعمال کئے جا سکتے ہیں ) نہیں نکلوا سکتے ، البتہ جہاں تک زکواۃ کی کٹوتی کا تعلق ہے اُس کے لیے آپ کا بنک آپ کی اجازت کے بغیر ایسا نہیں کر سکتا ، خود میرے دو اکاؤنٹ تھے ( جن میں سے ایک اب مرحوم ہو چکا ہے ) اور دونوں بار اکاؤنٹ کھولتے وقت مجھ سے پوچھا گیا کہ کیا آپ اپنی ذکواۃ ( صرف وہ ذکواۃ جو اکاؤنٹ میں موجود رقم پر واجب ہو گی ) بنک کے زریعے کٹوانا چاہتے ہیں یا خود ادا کرنا چاہتے ہیں ، اوور دونوں بار میں نے یہ ذمہ داری بنک پر ڈالی جس کے بعد مجھے ایک فارم دیا گیا جسے میں نے پر کیا تھا اور اُس کے بعد سے میرے اکاؤنٹس سے میری ذکواۃ ( صرف وہ ذکواۃ جو اکاؤنٹ میں موجود رقم پر واجب ہوتی تھی ) بنک کاٹتا رہا ہے اور اب بھی موجودہ اکاؤنٹ کے ساتھ ایسا ہو رہا ہے ۔
آصف احمد بھٹی
جناب جاوید اقبال کیانی صاحب۔ اسلام عیکم آپ کی اچھی باتوں کو ھم سب بہت توجہ اور امید سے سنتے ھیں میرے محترم بھائ ۔ سرخ فیتہ نامی مرض کا علاج کم از کم پاکستان میں نیہں ھے۔
جناب گرامی ۔ کس کس زخم کی دھائ دیں۔ کس کس ناانصافی کےلیے آواز بلند کریں۔۔ مجھے اچھی طرح احساس ھے ان اذیتوں اور کوفت کا جو آپ کو سرخ فیتے کی وجہ سے آٹھانی پڑی ھونگيں۔انھی ناعاقبت اندیش اور حرام کھانے والے بنک افسران کی وجہ سے، انھی الجھنوں سے بچنے کے لیے بیرون مللک مقیم پاکستانی محنت کشوں کی بڑی تعداد ھنڈی کے ذریعے پیسے بھجتی ھے۔ میں خود بھی بی سی آئ آئ بنک کی کھاتہ دار تھی ، ڈھائ لاکھہ روپیہ تھا۔ جو اس اکاونٹ کے کفن دفن پر خرچ ھوا۔
سرخ فیتہ کی راہ میں کھڑی شر کی دیوار کو کوئ نیہں ڈھا سکتاھے۔۔ مجھے لگتاھے کہ ۔ ریڈٹیپ ۔ سرخ فیتہ کا بانی بھی آصف زرداری کے قبیلے سے ھوگا۔۔ کیا یہ بے ایمان لوگ کسی سے نیہں ڈرتے۔
سیہ کاری سے میری کاتب اعمال حیراں ھیں
کہ اس کا نامہ اعمال لکیھں کس سیاھی سے
آپ نے اتنے اھم مسلے پر آواز اٹھائ ھے، اللہ آپکے اس قلمی جہاد کا بہترین اجر عطا فرماۓ
آسمان فکر ودانش پر روشن اور چمکتا ھوا عالمی اخبار کے میر کارواں
محترم المقام جناب صفدر رضا ھمدانی صاحب کی بہترین قلمی کاوشوں پر ڈاکٹر نگہت نسیم کی طرح ھم بھی یہی کہتے ھیں
انتہائ حسب الحال اور ھمیشہ کی طرح مدلل اور لاجواب
کوئی رستہ تو دکھا مولا
ندامت سے ہوں لرزیدہ مگر ہے التجا مولا
سزا کس جرم کی ہے اتنا تو ہم کو بتا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب ہم پہ رحم کر دے سرخ فیتے سے بچا مولا
ہیں رستے بند سارے کوئی رستہ تو دکھا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نشانے پر جو خود کُش کے ہیں میرے بھائی ہیں سارے
مرا دم گھُٹ رہا ہے صرف اک موجِ صبا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹھا کر رات دن لاشیں قدم بھی لڑکھڑاتے ہیں
یہ لاشہ نوجواں کا اب نہیں ہے اٹھ رہا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نہیں آتا سمجھ میں کس طرح اسکو جدا کردوں
بدن سے میرے لپٹا ہے مرا بندِ قبا مولا
۔۔۔۔۔۔
لہو میں تر بتر ہیں ارضِ پاکستان کے باسی
بتا دے عہدِ نو کی کیا یہی ہے کربلا مولا
۔۔۔۔۔۔۔
جہالت میں گھری ہے میرے آقا کی یہ امت سب
کرم کر اور جہالت کے یہ سب پردے ہٹا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔
تجھے ہےواسطہ آلِ محمد کا مرے مالک
خطاکاروں کی کر دے درگزر یہ بھی خطا مولا
اللہ کرے زور سخن اور زیادہ
آصف صاحب، میری ناقص عقل کے مطابق کسی اکاونٹ کو معطل یعنی dormant اس وقت کیا جاتا ہے جب اس میں بنک کے متعین کردہ عرصہ تک بالکل کوئی ایکٹیوٹی نہ ہو ( i.e neither IN nor OUT ) ۔ کسی اکاونٹ کو معطل کرنے سے پہلے بنک اپنے صارف کو تحریری طور پر مطلع کرتا ہے ، جیسا کہ دنیا کے بہت سے ممالک میں رائج ہے ، اور اس کے بعد کچھ عرصہ تک جب کھاتہ دار سے کوئی جواب نہ آئے تو بنک ایسے کھاتے کو مستقل طور پر بند کرنے کا مجاز ہوتا ہے ۔ لیکن یہاں تو صورتِ حال ہی کچھ اور ہے یعنی بنک میں ہر ماہ باقاعدگی سے ڈیپازٹ ہورہا ہے اور بنک نےاپنی مرضی سے زکٰوۃ بھی منہا کرلی لیکن جب میرا چیک پیش ہوا تو اعتراض کے ساتھ واپس کردیا اور میرے اٹھائے گئے پوائنٹس کا ابھی تک جواب بھی نہیں دیا ۔
امید ہے جعفر صاحب پاکستان میں رائج بنک کے قواعد کو بہتر طریقے سے واضح کریں گے ۔
محترمہ شاہین رضوی صاحبہ ،
میرے ہمراہ ہم آواز ہونے کا بہت شکریہ ۔ وطنِ عزیز میں سرخ فیتے کا توڑ واقعی بہت مشکل کام ہے لیکن ہمت نہیں ہارنی چائیے اور جب اور جہاں ممکن ہو احتجاج کے ساتھ تجاویز بھی اربابِ اختیار تک ضرور پہنچانی چائییں ، ہو سکتا ہے کبھی کسی کی نظر عنایت حاصل ہوجائے ۔
ہُنڈی کے ذریعے رقوم کی ترسیل کوئی معمولی مسئلہ نہیں ہے ۔ یہ محض ان لوگوں کی غفلت ، لاپرواہی اور سرخ فیتے کی برکت ہے جو ملکِ عزیز کو سالانہ اربوں کے زرِ مبادلہ سے محروم کیا جارہا ہے ، لیکن کسی کو کچھ پرواہ نہیں ۔ بنکوں کو کبھی سرکاری سرپرستی میں لے لیا جاتا ہے اور کبھ پرائیویٹائیز کردیا جاتا ہے لیکن کارکردگی صفر + صفر = صفر ہی رہتی ہے ۔
مجھے آپ اور ڈاکٹر صاحبہ سے اپنی جمع پونجی پہ دن دیہاڑے ڈاکے پہ دلی رنج ہوا ۔ نجانے ایسے کتنے اور متاثرین ہوں گے جن کے زخم ہماری آنکھوں سے اوجھل ہیں لیکن یہ بات کسی شک و شبہ سے بالا ہے کہ یہ تعداد لاکھوں میں نہیں تو ہزاروں میں ضرور ہوگی ۔
آپ کا ایک بار پھر شکریہ جو اس اہم مسئلے پہ آپ نے اپنی رائے اور ذاتی تجربہ بلکہ حادثہ بیان کیا ۔ میں اپنی Representation کے ساتھ اس بلاگ کی کاپی بھی صاحبانِ سرخ فیتہ کو ، اس امید کے ساتھ ، ضرور بھیجوں گا کہ :
ندامت سے ہوں لرزیدہ مگر ہے التجا مولا
سزا کس جرم کی ہے اتنا تو ہم کو بتا مولا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب ہم پہ رحم کر دے سرخ فیتے سے بچا مولا
ہیں رستے بند سارے کوئی رستہ تو دکھا مولا
آپ کا بے حد شکریہ ، والسلام ۔
جناب جاوید اقبال کیانی صاحب
السلام علیکم
آپ نے سرخ فیتے کے حوالے سے بہت خوب لکھا بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سیدھا سادھا اور آسان کام بھی سرخ فیتے اور چینی نکتہ چینی کی نظر ہو کر اتنا مشکل ہوجاتا ہے کہ آدمی مجبور ہوکر چور راستے تلاش کرنے لگتا ہے,ہم خود اس کا عملی شکار ہیں دوسال قبل بینک سے اپنی سلیری لے آتے ہوئے ایک ڈکیٹی کا شکار ہوئے جس میں رقم کے ساتھ اپنا 1984کا بنا ہوا ڈرائیونگ لائسنس ،شناختی کارڈ ،اے ٹی ایم کارڈ ،کریڈیٹ کارڈ گاڑی کے کاعذات دو موبائل اور کئی اہم ڈاکومنٹس سے محروم ہوگئے
اس موقع پر ہم نے ڈاکو بھائیوں سے استدعا بھی کہ رقم آپ کے مطلب کی ہے باقی چیزیں براہ مہربانی نہ لیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی
بہرحال وہ تو لوٹ کر چلے گئے اس کے بعد تھانے میں رپورٹ لکھوانے کے مرحلے میں بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ادھر اُدھر سے فون کرواکر بڑی مشکل سے کچی رپورٹ لکھی گئی،
ایک عرصہ تک جیب میں کچی رپورٹ لیے گھومتے رہے کہ ہر کام ایک دن میں ہونے والا نہیں تھا ہر ایک کام کیلئے کئی کئی دن اور چکر درکار تھے
بہر حال ہمت کرکے ڈرائیونگ لائسنس کیلئے کلفٹن برانچ گیا اور پھر اور کے مصداق ٹریفک برانچ کلفٹن کے چکر لگا لگاکر تھک گیا ہر دفعہ کوئی نہ کوئی بہانہ یا فارمیلٹی آڑے اتی رہی لیکن ڈپلی کیٹ لائسنس نہیں بن سکا ،بالاخر مجبور ہوکر ڈھائی ہزار روپے دیکر کورنگی برانچ سے نیا لائسنس ہی بنوانا پڑا ،یہی حال گاڑی اور دیگر کاعذات کے ساتھ ہوا ہر جگہ پریشانی اور مشکل ہی پیش آئی،خیر یہ تو جملہ معترضہ کے طور پر لکھ دیا معاملہ یہ ہے
وہی پریشانی جو آپ نے فیس کی یہ ہماری کم نصیبی ہے کہ ہم ہمدردی اور مدد کا کام بھی درست اور صحیح طریقے سے اس لیے نہیں کرسکتے کہ ہمارے صاحب اختیار لوگ ہمیں کرنے ہی نہیں دیتے
اللہ ہمارے حال پر رحم کرے آج اسی وجہ سے سڑک پر ایکسڈنٹ ہونے پر زخمی تڑپتا رہتا ہے اور لوگ اس کی مدد کرنے سے قاصر ہوتے ہیں کہ بعد کے معاملات کون بھکتائے گا
حادثے سے بڑا سانحہ یہ ہوا کوئی ٹہرا نہیں حادثہ دیکھ
یہ ہماری مجموعی صورتحال ہے
اللہ ہمارے حال پر رحم کرے
ہم اس کار خیر میں آپ کے ہم آواز اور ہم رکاب ہیں
جناب محمداحمد ترازی صاحب،
اس معاشرے میں پہنچ کر کچھ سانسیں لینے کے بعد ہم نے یہ سوچنا شروع کردیا کہ شاید پیچھے دیس میں بھی کوئی تبدیلی آنی شروع ہوگئی ہے جو روشن خیالی کے نعرے بلند ہونے شروع ہوگئے مگر جس طرح کے حادثات و واقعات اس بلاگ میں منظر عام پہ آرہے ہیں اسے تو یہی لگتا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے ہمیں کرپشن میں 34ویں نمبر میں ڈال کر خود بہت بڑی کرپشن کا ارتکاب کیا ہے کیونکہ اس میدان میں پہلی تین پوزیشنز کے علاوہ ہمیں کوئی اور پوزیشن دینا ہمارے ساتھ بہت بڑا مذاق ہے ۔
آپ کی آپ بیتی پڑھنے کے بعد اپنا غم کوئی غم ہی نہیں لگتا ۔ آپ کے ڈرائیونگ لائیسنس کی روداد پڑھ کر مجھے اپنے ڈرائیونگ لائیسنس کا واقع یاد آگیا ۔ میں جب تعلیم سے فارغ ہوکر 1984 میں برطانیہ سے واپس وطن لوٹا تو اپنا انٹرنیشنل اور برطانوی ڈرائیونگ لائیسنس لے کر ایس پی صاحب کے دفتر پاکستانی ڈرائیونگ لائیسنس بنوانے گیا ۔ کلرک بادشاہ نے ضروری کاغذات دئیے اور ساتھ یہ ہدایات بھی کہ دونوں لائیسنسوں کی اردو ترجمے میں تصدیق شدہ کاپیاں بھی مہیا کروں ۔ ڈرتے ڈرتے پوچھ بیٹھا کہ حضور پاکستانی ڈرائیونگ لائیسنس کس زبان میں ہوگا ؟ کاکا جی ، انگریزی میں ہوگا ، آئی سمجھ ؟ یہ ان کا جواب تھا ۔ تازہ تازہ ’ لندن پلٹ ‘ تھا ، بیباکی سے پھٹ پڑا ، اگر خود تمھارا لائیسنس انگریزی میں ہوگا تو کیا انگریزی میں لکھے ان لائیسنسوں کی تمھیں سمجھ نہیں آتی ؟ یہ تو گویا اس کے منہ پہ طمانچہ تھا ، بولا تو ٹھیک ہے پھر بغیر اردو ترجمے کی کاپیاں دئیے ذرا لائیسنس لے کے دکھا دو ۔ تب مجھے بھی احساس ہوگیا کہ میں نے کس سرخ فیتے کا پھندا گلے میں ڈال لیا ہے ، کیونکہ اس کے بعد لائیسنس حاصل کرنا مجھے ڈگری لینے سے بھی مشکل لگا ۔
ہمارے ہم آواز اور ہم رکاب ہونے کا بے حد شکریہ ، والسلام ۔
السلام علیکم
ڈرائیونگ لائسنس پر یاد آیا کہ میرے سب سے چھوٹے بھائی صاحب پچھلے پانچ ماہ سے تربیتی اجازت نامے ( لرننگ لائسنس ) پر گاڑی چلا رہے ہیں مگر کوشش کے باوجود وہ مستقل اجازت نامہ حاصل کرنے میں ہنوز ناکام ہیں ، خود میں بھی جو کہ پورے خلیج میں گاڑی ڈرائیو کرنے کا اجازت نامہ رکھتا ہوں ، میرے پاس بھی ابھی تک پاکستان میں گاڑی چلانے کا اجازت نامہ موجود نہیں ہے ، دو ایک بار کوشش کی مگر چھٹی کم ہونے اور کاغزی کاروائی طویل ہونے کے سبب میں ابھی تک وطن عزیز میں ڈرائیونگ کرنے کا اہل نہیں ہو سکا اِس لیے جب بھی پاکستان جانا ہوتا ہے چھوٹے بھائیوں پر یا پبلک ٹرانسپورٹ پر ہی انحصار کرنا پڑتا ہے ۔
آصف احمد بھٹی
احمد ترازی بھائی نے درست فرمایا کہ یہاں پاکستان میں اربابِ اختیار ہی عوام کو چور دروازہ تلاش کرنے پر مجبور کرتے ہیں
یہ پاکستان کی ثقافت ہے ، چاہے حکومت کسی کی بھی ہو۔
یا تو بندہ اپنا کام غلط طریقے سے نکال لیتا ہے یا اس کام کا ارادہ ہی ترک کردیتا ہے
ھمارے والد صاحب کے دوست کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا
موصوف برطانیہ سے کراچی آئے تھے اور مستقل سکونت اختیار کرنا چاہتے تھے
وہ اپنے بیٹے کو جامعہ کراچی میں داخلہ دلوانے گئے وہان ان سے پاکستانی شناختی کارڈ مانگا گیا
وہ چونکہ عرصہ دراز سے برطانیہ میں مقیم تھے سو ان کے پاس یہان کا شناختی کارڈ نہیں تھا (یہ اس وقت کی بات ہے جب نادرہ سے کارڈ نہیں بنتا تھا)
جب وہ شناختی کارڈ بنوانے گئے تو ان کو اتنی لمبی چوڑی فہرست دی گئی کہ یہ تمام چیزیں لے آئیں تو شناختی کارڈ بن جائے گا اس فہرست میں پولس سے رہائشی تصدیق بھی شامل تھی ۔ وہ ان تمام باتوں سے اتنا خائف ہوئے کہ تین دن بعد ہی وآپس برطانیہ روانہ ہو گئے اور باکستان کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خیر باد کہہ دیا۔
نجانے کتنے اور پاکستانی اپنے ہی ملک سے دربدر ہوئے ہونگے
اللہ جانے کب کوئے مانند خضر آئے گا اور سب کچھہ ٹھیک کر جائے گا
جناب آصف احمد بھٹی صاحب ،
پیارے بھائی ، ہم انگریز سے آزادی حاصل کرنے اور ہندو کی غلامی سے بھی بچ جانے کے بعد ’ مادر پدر آزاد ‘ لوگ ہیں ۔ آپ کا چھوٹا بھائی تربیتی اجازت نامے پہ گاڑی چلا رہا ہے تو پھر آزادی کا فائدہ ؟
کیا آپ نہیں جانتے کہ کہ ٹرک کا کلینر کتنی جلدی ڈرائیونگ سیٹ پہ ہوتا ہے اور پھر کچھ عرصہ بعد ٹرک کا مالک بھی ۔ اسی طرح بس کا کنڈکٹر بھی پہلے ڈرائیور اور پھر مالک بن جاتا ہے ۔ کیڑوں مکوڑوں کی طرح سڑکوں کو ڈھانپتی سوزوکیوں کو دیکھو ، ہر ایک کا کلینر یا کنڈکٹر سے ترقی پانے والا ڈرائیور کتنا ہنر مند ، کتنا با ادب اور کتنا پروفیشنل ہوتا ہے ، جبھی تو پبلک ٹرانسپورٹ کی ہر کیٹیگری میں بڑے جلی حروف میں ” چلنے سے پہلے اپنے گناہوں کی معافی مانگ لے شاید یہ تیری زندگی کا آخری سفر ہو “ لکھا ہوتا ہے ۔ اور یہ محض خالی خُولی پیغام ہی نہیں بلکہ حقیقی الارم ہوتا ہے جس کا مشاہدہ اس دھرتی پہ پیدا ہونے والے بچے بچے کو ہوتا ہے ۔
میں آپ کی اس دلی خواہش ، پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس ، کے پورا ہونے کی دل کی گہرائیوں سے دعا کرتا ہوں ۔
محترم جعفر حسین صاحب ،
آپ نے اپنے والد صاحب کے دوست کا واقعہ بیان کیا جوکہ چاول کی بھری بوری میں ایک دانے کی مانند ہے ۔
محترم بھائی ، یہاں ان گنت لوگ ہیں جو مزدوری کرنے پردیسی ہوئے ، یہاں کے معاشرے کو ایک صحیح محنت کش انسان کا اصلی چہرہ دکھایا ، اپنے اور اپنی اولاد کے سہانے مستقبل کے خواب لئے دن رات ایک کیا لیکن آخر کار وطن واپسی کا ارادہ محض خواب بن کر رہ گیا ۔ یہ کوئی خالی ہاتھ لے کے جانے والی مخلوق نہیں بلکہ اپنے ساتھ دولت کی بوریاں بھر کر لے جانے والے لوگ ہیں لیکن وہاں کوئی ایسا نظام ہی نہیں جو ان لوگوں کے تجربے اور خاص کر دولت کو ملک کے تصرف میں لا سکے ۔
آپ سندھ میں رہتے ہیں لہذا سندھ کی ہی مثال آپ کی یاد دہانی کے طور پہ لکھ رہا ہوں ۔ نام صحیح طرح سے ذہن میں نہیں آرہا غالبا ً غلام حسین انہڑ ہے ۔ جسطرح ان کی ٹانگوں کے ساتھ ٹائیم بم باندھ کر ان سے کروڑوں روپے ہتھیائے گئے تھے ، اور وہ بھی کسی عام آدمی نے نہیں بلکہ آج کے حاکمِ وقت نے ، اس کے بعد کون کم بخت واپسی کا رخ کرے گا ؟
میں کسی اور کی کیا مثال دوں گا جبکہ میں خود ایک زندہ مثال ہوں ۔ تفصیل کے لئے میرا تعارف میرے پہلے بلاگ میں پڑھ لیں ۔
بس اپنے ادبی مرشد جناب ہمٰدانی صاحب کے اس بلاگ میں لکھے گئے لاثانی و لافانی کلام کے اس دعاعیہ شعر پہ ختم کرتا ہوں :
اب ہم پہ رحم کر دے سرخ فیتے سے بچا مولا
ہیں رستے بند سارے کوئی رستہ تو دکھا مولا
آمین ، ثمہ آمین ۔