عالمی اخبار کے میر کارواں قابل صد احترام صفدر ہمدانی کون ہیں ؟

لیجئے مناف بھائی سب سے پہلے میں لکھتی ہوں کہ میر کارواں قابل صد احترام صفدر ہمدانی کون ہیں ؟

میں ایک عرصے تک بابا جناب صفدر ہمدانی کو صرف ان کے قلم کے حوالے سے جانتی تھی … مجھے ہمیشہ ہی ان کی تحریریں پڑھ کر یوں لگتا تھا جیسے میں اس بچے سے مل رہی ہوں جو دہائیوں سے گرائپ واٹر کی بوتل پر “شجاعت “ کا شاہکار بن کر چسپاں ہی نہیں ہے بلکہ شجاعت کی دعوت بھی سر عام دیتا ملتا ہے ۔۔ ان کے قلم کی کاٹ اور جیداری کے بھیس میں وہی بچہ رہتا ہے جسے میں نے ” گرائپ واٹر “ کی بوتل پر اس وقت دیکھا تھا جب مجھے معلوم بھی نہیں تھا کہ اس بھولے بھالے بچے کے ہاتھ میں سانپ کیوں ہے اور وہ اس سے ڈرتا کیوں نہیں ہے ۔۔۔ اس کی آنکھوں کی چمک صاف بتا رہی ہے کہ وہ سانپ کو کچلنے کے ارادے رکھتا ہے ۔۔ ہر خطرے سے آزاد ۔۔ ہر وہم سے دور یہ بچہ مجھے جرات کا ایسا پیغام دیتا تھا کہ میں خود کو ایک پنجرے میں قید پاتی تھی ۔۔۔

میں اکثر سوچا کرتی ۔۔ میں ایسی بہادر کیوں نہیں ہوں کہ جو غلط ہو اس کا شعور لوگوں میں ایسے بانٹ دوں کہ معصومیت بھی زندہ رہے اور سانپ کو بھی اس کے بل میں گھس کر مار دیا جائے ۔۔۔۔۔ مجھے اس بات کا یقین بابا ہی نے دلایا کہ ہر انسان کے اندر سانپوں سے کھیلنے اور اسے کچلنے والا ایک نڈر بچہ رہتا ہے ۔۔۔ اور میں انہیں بہادر انسانوں میں سے ایک ہوں جس کے قلم کی کاٹ میں گرائپ واٹر کے ایک چمچہ شربت جیسی توانائی ہے ۔۔۔ مجھے لگا جیسے انہوں نے میرا دل رکھنے کو کہہ دیا ہو ۔۔۔

یہ ان دنوں کی بات جب بابا پہلے بار سڈنی آئے تھے اکتوبر دو ہزار سات میں ۔۔۔ سڈنی کا سالانہ مشاعرہ ہو چکا تھا ۔۔ سڈنی100.9 ایف ایم پر میں نے نے بابا کا لائیو انٹرویو بھی کیا ۔۔۔ جس کو انہوں نے اپنے یادگار انٹرویوز میں ایک کہا تھا ۔۔ پھر انہوں نے دوسرے دن فون پر ایک حیران کن بات کہی جب بھائی ظفر حسین ( صدائے وطن کے ایڈیٹر جن کے ہاں بابا کا قیام تھا ) جنہوں نے مجھے یہ موقع دیا کہ میں بابا کا شکریہ ادا کر سکتی کہ انہوں نے اتنا وقت ہمارے ریڈیو کے لئے نکالا تھا ۔۔ کیونکہ بابا نے وہ انٹرویو وولنگانگ سے دیا تھا جب بھائی ڈاکٹر شبیر حیدر کے گھر ان کا رات کا کھانا تھا اور وہ مہمانوں میں گھرے ہوئے تھے ۔۔ میں ان کی ادب نواز طبعیت کی تو شروع ہی متعرف تھی لیکن اب گواہ بھی تھی ۔۔۔

بابا نے کہا کے مشاعرے کی تصویریں بہت عمدہ آئی ہیں ۔۔ میں نے ان سے ہنس کر کہا میرے ماموں کہتے ہیں کہ میری تصویر میں تو پس منظر ہی خوبصورت ہوتے ہیں ۔۔ بابا نے برجستہ کہا “ ڈاکٹر صاحبہ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جن کے پس منظر خوبصورت ہوتے ہیں ۔۔۔ برجستہ کہنا اور ایسا کہنا کہ وہ اقوال زرین بن جائے بہت کم لوگوں کو نصیب ہوا ہے ۔۔ان میں بابا میرے جاننے والوں میں ایک سے دوسرا نام ہے ۔۔۔

مجھے ان کےکہے ہوئے ہزاروں جملے یاد ہیں جو کبھی میری کہانیوں کا مرکز ہو جاتے ہیں تو کبھی کالم لکھنے کی وجہ تو کبھی نظم کا بہانہ ۔۔۔ انہوں نے حال ہی مجھے ایک جملہ کہا “ اصل توازن یہ ہے کہ عدم توازن برقرار رکھا جائے “ ۔۔۔ میں آج تک اس جملے کے اسرار میں گم ہوں ۔۔ اور اس ایک جملے نے مجھے ابھی تک کچھ لکھنے نہیں دیا ۔۔۔ کیونکہ اب مجھے اسی پر کچھ لکھنا ہے ۔۔ کیا ۔۔لکھوں ؟؟ کوئی سرا نہیں ملتا ۔۔۔

لیجئے بات ہو رہی تھی کہ مجھے نڈر اور جیدار قلمکار بننا ہے ۔۔ بھلا یہ بابا کے لئے کیا مشکل تھا ۔۔ وہ واپس لندن آچکے تھے ۔۔ یہ ان دنوں کی بات ہے جب ہم سب یعنی شمس بھائی ، منظور بھائی ، مصباح بھائی اور زرقا مفتی ہم سب القمر آن لائن میں لکھاکرتے تھے اور میں صرف اور صرف بابا کی وجہ سے وہاں آئی تھی جس کے لئے انہوں نے سڈنی میں ہی مجھے نیٹ پر اردو لکھنے پر راضی کر لیا تھا ۔۔ انکا اصرار اور حکم تھا کہ میں اخبار پر ضرور آؤں ۔۔۔ ایک دن وہ اخبار پر ہمیشہ کی طرح مصروف تھے اور ساتھ ہی وہ فون پر کسی سے باتیں بھی کر رہے تھے ۔۔ اور مجھے ان سے کسی خبر کا زکر کرنا تھا لیکن ان کے پاس وقت نہیں تھا ۔۔ میں نے مصنوعی غصے سے کہا “ بس ایک میں ہی بیکار ہوں “ ۔۔۔ بابا تو جیسے چونک گئے ۔۔ سب کام اور فون چھوڑ کر کہنے لگے این این بس اسی موضوع پر لکھو ۔۔۔ “بس ایک میں ہی بیکار ہوں“ ۔۔ پر میں کیسے ؟؟ ۔۔۔ میں نے کالم کبھی لکھے ہی نہیں ۔۔ انہوں نے کہا ۔۔ میں یہی بیٹھا ہوں ۔۔اور تم لکھو ۔۔

انہوں نے میرے ہاتھ میں کالمی قلم پکڑا ہی دیا اور مجھ سے ایک ایسا کالم لکھوایا جس کو سب ابھی بھی یاد کرتے ہیں ۔۔۔ بس اس دن سے میں نے جناب صفدر ہمدانی کو اپنا “ بابا “ مان لیا ۔۔ وہ میرے قلمی مرشد ہیں ۔۔ انہوں نے میری تربیت کی ہے ۔۔۔ مجھ سے وہ کالم لکھوائے ہیں جو بابا کی زبان میں “ مضبوط“ کالم ہیں ۔۔ اب میں سانپوں کی بل میں گھس جانے کی جرات لے آئی تھی ۔۔ اور یہ اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب آپ کے سر پر کوئی ایسا ہاتھ ہو جس میں شفا ہی شفا ہو ۔۔۔

میں نے غزلیں نظمیں کہیں ۔۔ سلام نوحے لکھے ۔۔ حمد و نعت مبارک لکھی ۔۔۔ سب کچھ بابا کی وجہ سے ممکن ہوا ۔۔۔ مرشد ساتھ ہو تو ساری منزلیں آسان ہو جاتی ہیں ۔۔۔ جب بھی کسی خیال کو لکھنے میں ۔۔ کسی خیال کو سوچنے میں مجھے مشکل ہوتی ہے میں بابا کی باتیں یاد کرتی ہوں ۔۔ ان سے فون پر تبادلہ خیال کرتی ہوں ۔۔ پھر وہ مجھے ایسے سمجھاتے ہیں کہ مجھے ایک ہی بات کے کئی اور در کھلتے نظر آتے ہیں ۔۔ انہوں نے میری تحریروں کو اس طرح سے سنوارا ہے کہ مجھے کتابوں میں زندہ کر دیا ہے ۔۔۔

مجھے بہت شوق تھا ۔۔ ایک لگن تھی کہ میں بھی کوئی مرثیہ لکھوں ۔۔ بابا نے مجھے دعا دی کہ این این اس فقیر کی اللہ عزت رکھے تم انشاللہ اسی سال مرثیہ لکھو گی ۔۔۔ اور یقین جانئے میں نے لکھ لیا ۔۔ اور وہ لکھا جو کسی کو نصیب نہیں ہوا ۔۔۔ مجھے اللہ پاک نے ایسی نعمت عطا کہ مولا علی علیہ السلام کا عربی میں حضور اکرم کی شان میں لکھا ہوا مرثیہ منظوم کرنے کی توفیق عطا کی جسے لکھتے ہوئے کئی ایسے مراحل سے گزری کہ خود کو اپنی اوقات سے بڑھ کر پایا ۔۔۔ میں نے جب بابا کو وہ مرثیہ دکھایا تو بابا اشکبار ہو گئے ۔۔ آبدیدہ سے لفظ میرے لوح دل پر آج بھی نم ہیں ۔۔ بابا نے کہا استاد اور مرشد بغیر شاگرد اور سالک کے بے آواز بانسری ہے ۔۔۔ اور میں خوش نصیب ہوں تم میری آواز ہو ۔۔ میں خود کو ان کا قلمی وقار سمجھتی ہوں ۔۔

بابا ایک چلتی پھرتی یونیورسٹی ہیں ۔۔ میں نے ان سے باتوں ہی باتوں میں کئی درسی کتب کا مطالعہ کیا ہے.. کئی لفظوں کے صحیح ہجے اور تلفظ سیکھے ہیں ۔۔ میں روزانہ ایک روشن خیال متوازن درویش سے ملتی ہوں جو ہر بار میرے اعتقاد اور ایمان کو مظبوط کرتا جاتا ہے ۔۔ انہوں نے ہی نے مجھے یہ شوق اور احساس دلایا کہ ہمیں دوسرے ادیان کا مطالعہ بھی کرنا چاہئے ۔۔ دوسروں کی تعریف میں بخل سے کام نہ لینا ۔۔ ہر ایک کو ہر ممکن کوشش کر کے اس کا حق دینا ان کا خاصا ہے جو وہ ہر ایک میں عملی طور منتقل کرتے رہتے ہیں ۔۔ جس کے احسانمند ہوں اسے ہمیشہ یاد کرنے کے ہنر سے آباد بابا ایک بہت ہی نرم دل انسان ہیں جو جلدی سے اداس بھی ہو جاتے ہیں ۔۔ انہیں منفاقت اور جھوٹ سے نفرت ہے ۔۔ اس کے لئے وہ برسوں کے یارانے بھی چھوڑ سکتے ہیں .

بابا بے حد مقناطیسی شخصیت کے مالک ہیں . انتہائی سادگی کے ساتھ پر مزاح اتنے کہ چپکے چپکے کچھ نہ کچھ کمنٹس کرتے رہیں گے .. خود تو پرسکون جیسے کوئی بات کی ہی نہ ہو اور ساتھ والا ہنس ہنس کر گرنے لگتا ہے .. بابا بچوں کے ساتھ بچے اور بڑوں کے ساتھ بزرگ بن جاتے ہیں . یہ میں سب اس لئے جانتی ہوں کہ بابا میری بیٹی آمنہ کے بہت پکے والے دوست ہیں .. اور اس کے ساتھ میرے ابا جی کےساتھ بھی ان کی خوب بنتی ہے … مجھے بابا کے اندر ان کی شگفتہ طبعیت بہت پسند ہے .. بات سے بات نکالنا تو سب کو آتا ہے لیکن بات کے اندر سے بات کو نکالنا بابا کو خوب آتا ہے … اس کے ساتھ جب وہ کرداروں کے حساب سے مختلف آوازیں نکال کر پورے صوتی تاثرات کے ساتھ کو ئی بات سناتے ہیں تو یقین جانئے ایک سمابندھ جاتا ہے .. اور بابا کو سننے کے ساتھ ساتھ انہیں دیکھتے رہنے کو بھی دل کرنے لگتا ہے …

میں نے ان میں ایک ذمہ دار شوہر کو بھی دیکھا ہے جب آپا ماہ پارہ بیمار تھیں تو وہ ساری رات جاگتے تھے کہ کہیں آپا کو انہیں پکارنے کی تکلیف سے نہ گزرنا پڑے ۔۔ گھر کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں اور کام کے لئے انہوں نے خود کو کبھی بڑا نہیں سمجھا ۔۔۔ بابا بہترین کھانا پکاتے ہیں ۔۔ خاص طور پر ماش کی دال ، شامی کباب اور حلیم ان کے پسندیدہ کھانے ہیں تو پکاتے بھی سب سے اچھا ہیں ۔۔ اور بابا برتن بھی دھوتے ہیں ۔۔ گھر کی صفائی بھی خود کرنا پسند کرتے ہیں ۔۔ انہیں نفیس کپڑے ۔۔ اچھی پرفیومز کے ساتھ نفیس سادہ سے فریم کی عینکیں بھی بہت پسند ہیں ۔۔ کہیں بھی جائیں خاص طور پر مجالس میں فیروزہ اور عقیق ضرور پہنتے ہیں ۔۔ منبر پر جب ہوتے ہیں تو صرف آقا کے غلام ہوتے ہیں ۔۔ ظاہری علاماؤں اور مولویوں والی ہیت سے دور رہنے کی ہر ممکن کوشش کرنے والے بابا جہاد پرست انسان ہیں ۔۔ جن کا رستہ مشکل ترین ہے ۔۔۔ اور ان دوست انگلیوں پر گنے جا سکتے ہیں ۔۔

بابا انتہائی پرشفقت والد ہیں ۔۔ محمد اور زہرا کے ساتھ بے تکلف دوستوں کی طرح باتیں کرنا انہیں بہت پسند ہیں ۔۔ انہیں سب سے زیادہ خوشی اس وقت ہوتی ہے جب کوئی ان سے سوال پوچھتا ہے ۔۔ کیونکہ مولا علی فرماتے ہیں کہ سوال آدھا علم ہے ۔۔ اسی سنت کو نبھا نے کے لئے ملکوں ملکوًں پھرتے ہیں اور اپنے علم کی شمع کو جلا کر آ جاتے ہیں اور جانے کیسے ایک ایسا ہنرمند ڈھونڈ لیتے ہیں جو اس شمع کی حفاظت پر مامور کر آتے ہیں ۔۔ ان پر یہ اللہ کریم کی پنجتن پاک کے صدقے خاص عنایت ہے ۔

بابا بہترین دوست بھی ہیں ۔۔ جن پر آنکھیں بند کر کے بھروسہ کیا جا سکتا ہے ۔۔ ان سے کوئی بات کسی بھی وقت کی جا سکتی ہے ۔۔ ان کے اندر ایک “ آسرا“ ایک “ پناہ گاہ “ کی طرح ایک خاص مہمان خانہ ہے جہاں لوگ جتنا چاہے قیام کریں ۔۔۔ اور لوگ جی بھر کر ان کی میزبانی کا لطف لیتے ہیں ۔۔

بقول بابا کے وہ بھی انسان ہیں اور ان میں بھی خامیاں ہیں ۔۔۔ بڑی محبت سے ہر ایک پوچھتے نظر آتے ہیں کہ انہیں ان سے آگاہ کیا جائے ۔۔۔ مجھے صرف بابا سے یہ کہنا ہے کہ آپ کسی بھی کام کا سب سے پہلے منفی پہلو مت سوچا کریں ۔۔ جانتی ہوں کہ یہی صحیح ہے لیکن مجھے اچھا نہیں لگتا ۔۔ کیونکہ پھر مجھے پراجیکٹ بھول جاتے ہیں ۔۔۔

بابا شاعر اور شاعر اہلبیت ہیں ۔۔ مرثیہ ایسے لکھتے ہیں جیسے ان پر اتر رہا ہو ۔۔ اس وقت بابا کی شکل پر ایک نورانیت ہالہ کر لیتی ہے ۔۔ ان کی آنکھوں میں اس وقت صرف اہل بیت کی محبت رہتی ہے۔۔ ان کے قلم میں جیسے سمندر سانس لیتا ہے ۔۔ نوحے سلام لکھنا ۔۔ جیسے وہ پیدا اسی کام کے لئے ہوئے ہوں ۔۔ کالم لکھنا ، تحقیق کرنا ان کا من پسند کام ہیں ۔۔

بابا کی مجھے ہر دم یہ تاکید رہتی ہے کہ ۔۔۔
1.کوشش کے ساتھ سچ بولو ۔۔اگر سچ بولتے ہوئے کسی دشمن کی کسی خوبی کا اعتراف بھی کرنا پڑ جائے تو کھلے دل سے کرو ۔۔

2. اگر اداس ہو جاؤں تو ہمیشہ کہتے ہیں کہ این این زندگی “ فروٹ چاٹ “ کی طرح ہوتی ہے جس کے کسی رنگ اور زائقے سے نہیں بچا جا سکتا ۔۔

3مطالعہ وسیع کرو این این ۔۔ تم آج کل کوئی کتاب نہیں پڑھ رہی ۔۔ اگر کہدوں کہ پڑھ رہی ہوں تو وہیں سب کچھ پہلے سے آخری صفحے تک پوچھ لیتے ہیں ۔۔
4. اپنے گھر کی حفاظت کرو ۔۔ بچوں کی تربیت پر خاص فکر رکھنے کی تاکید روز جیسے ایک دوا ہی طرح ہے جو ہر حال میں کھانی ہی پڑتی ہے ۔۔ان کے نزدیک جو گھر میں اچھا نہیں ہے وہ کسی کے ساتھ بھی زیادہ دیر تک اچھا نہیں رہ سکتا ۔۔

.تمہارے حسن سلوک کے سب سے زیادہ مستحق تمہارے اپنے گھر والے سب سے پہلے آتے ہیں

5.ایک انسان میں صرف برائیاں ہی نہیں ہو سکتی ۔۔ دونوں رخ سے انسان کو دیکھنا سیکھو ۔۔

6.کسی کی مدد اور کسی سے وعدہ کرتے وقت اپنی حثیت کا ایماندارانہ جائزہ ضروری ہے کہ غلط امید دلانا اور جھوٹا وعدہ کرنا سوائے شرمندگی کے کچھ نہیں ۔

7. اپنی بات متعلقہ شخص تک ضرور پہنچاؤ اور خؤد میں اتنا حوصلہ اور ظرف بھی رکھو کہ اس کی بات کو سن سکو ..

8.اکثر کہتے ہیں کہ دوسروں کی بات کو بہت دھیان سے سنا کرو ایسے جیسے تمہیں کوئی سن رہا ہو ۔۔

9 .اختلافات کے ساتھ جینا سیکھو این این ۔۔ ہمیں اسی دنیا میں رہنا ہے ۔۔ سو نبھاہنے کا سوچا کرو ۔۔

ایسی ہی کئی ہزار اور باتیں ۔۔۔
بابا کی محنت اور لگن عالمی اخبار کے ایک ایک صفحے پر دیکھی جا سکتی ہے ۔۔۔

رہی بات میر کارواں ہونے کی ۔۔ تو میر کارواں ہونا انہیں ہی سجتا ہے جس کے پاس وقت کا ایک ایک پل بٹا ہو ۔۔ جو رات کو صرف 4 گھنٹے سوتا ہو ۔۔ اور باقی سارا وقت لفظوں سے عملی عبادت کرتا ہو ۔۔ قلمی جہاد کو ہر دم تیار رہتا ہو ۔۔ اس کو اپنے علم و عمل کی شمع جلائے رکھنے میں مشکلات اور دشمنوں کی تعداد میں اضافہ مسرور فرحاں رکھتا ہو ۔۔ جسے اپنے دوستوں پر فخر ہو ۔۔ جو معیار کو تعداد پر ترجیع دیتا ہو ۔۔ جس کے اپنے اصول اور نظریے ہوں جن کے پیچھے علم ٹھاٹھیں مارتا ہو ۔۔ جس کے ہاتھ میں سانپ دبا ہو ۔۔آنکھوں میں جیت لینے کی چمک ہو ۔۔ جس کے لبوں پر ایک پروقار سے مسکراہٹ رہتی ہو ۔۔۔ جو شجیع ہو اور پیغام شجاعت دیتا ہو ۔۔ وہی میر کارواں ہو سکتا ہے ۔۔۔ اور ہم سب وہ خوش نصیب ہیں جو ہمارے میر کارواں قابل صد احترام جناب صفدر ہمدانی ہیں ۔۔ جو میرے بابا ہیں ۔۔۔

اب میں بابا کو 17 نومبر 2010 کو اپنی طرف ان کی ساٹھویں سالگرہ پر ان کے ہی لکھے ہوئے وہ اشعار تحفہ کرتی ہوں جو انہوں نے باتیں کرتے ہوئے کہے اور انہیں ان کا علم تک نہیں کہ میں نے محفوظ کر لئے تھے ۔۔ یہ بابا کی عادت ہے شعر کہتے ہوئے انہیں کچھ یاد نہیں رہتا ۔۔ لیکن میں ان کا کہا ہوا ایک مصرعہ بھی امانت سمجھتی ہوں ۔۔ اور آج خود کو خوش نصیب سمجھ رہی ہوں کہ ان کی امانت اپنے مالک تک پہنچ رہی ہے ۔۔۔
قسمت کچھ ایسی بدلی مقدر کے دھارے کی
کرنے لگا ہے فکر سمندر کنارے کی
۔۔۔
در پر اجل کھڑی ہوئی سسکی کی منتظر
بھاری حیات ساری پہ شب غم کے مارے کی
۔۔۔۔۔۔
بے بس تھی ماں جو منہہ پہ طمانچہ لگا دیا
اور بچہ پوچھتا رہا قیمت غبارے کی
۔۔۔۔۔
اک روز یہ بھی راز کھلے گا خبر رہے
کس کام کی ہے دوستو عزت ادھارے کی
۔۔۔۔۔۔
فاقے ہیں دستکار کے آنگن میں جا گزیں
خود اپنی موت مر گئی صنعت غرارے کی
۔۔۔۔۔
وہ کہہ رہی تھی پیار میں سمجھا تھا اسکو موت
شاید الگ تھی کیفیت اسکے اشارے کی
۔۔۔۔۔
وہ جس کا پیشِ غیر ہو دستِ طلب دراز
حاجت نہیں فقیر کو ایسے سہارے کی
۔۔۔۔
گھُٹنے لگا ہے سانس مشینوں کے عہد میں
سرمایہ کاری کی بھی تو ہم نے خسارے کی
۔۔۔۔۔
صفدر وہ کہہ کے دیتا رہا عمر بھر فریب
کیونکر تمہیں ہو فکر سفر کے ستارے کی
—————————————————–
تمہارے بعد بھی زندہ رہیں گے
تمہیں کس نے کہا ہے ہم مریں گے
محبت کے کیئے تھے فیصلے خود
جدائی کے بھی صفدر خود کریں گے
—————–
فقط اسی سے نہیں ہے یہ اختلاف مرا
میں بے لحاظ خود اپنا لحاظ کرتا نہیں
———–
مری ناکامیوں کا مجھکو یہ باعث نظر آیا
کسی کی بے وجہ تعریف کی عادت نہیں مجھ میں
————————-
میں تو خدا کی سوچ سے بھی تیز تھا مگر
پابند کر دیا ہے بدن کے حصار نے
—————————
یہ سوچ کے دریا سے میں پیاسا چلا آیا
یہ آگ کہیں شرم کا دامن نہ جلا دے
—————
اب ملا ہے تو بچھڑنے کا تصور بھی نہ کر
ورنہ اس دل کا ہر اک زخم دہائی دے گا
—–
تو مجھے جب سے ملا ہے میں اسی سوچ میں ہوں
کیا ترا قرب بھی اب مجھ کو جدائی دے گا

یہ بابا خفا ہو کر ایسا کہتے ہیں ..کھردرا آدمی ہوں اور شاید ملائمت ہے ہی نہیں مجھ میں
صفدر مری نظرسے نقائص پہ غور کر
پہلو ضرور ہوتا ہے خوبی کا نقص میں
۔۔۔۔۔
جس سے امید تھی وہ شخص بھی پتھر نکلا
کون اب قبر کے سرہانے لگائے پتھر
——-
بارشوں کے موسموں میں کچھ تو کھلنا چایئے
ہاں بچھڑنے کے بہانے بھی تو ملنا چاہیئے
————
تیرتے پانیوں پہ لکھا ہے
کوئی صدیوں سے اب بھی پیاسا ہے
—-
تو تو مجھکو ابھی ملا بھی نہیں
پھر بچھڑنے کا خوف کیسا ہے
———–
سوچتا ہوں کہ اگر میں بھی پیمبر ہوتا
پھر ہراک ہاتھ میں ممکن ہے کہ پتھر ہوتا
——-
در بدر یوں تو نہ پھرتا میں صنم خانوں میں
تیری طرح سے خدایا جو مرا گھر ہوتا
——-
دیکھتا روز اسے جاتے ہوئے گھر کی طرف
کاش صفدر میں کسی شام کا منظر ہوتا
——
مجھکو مرے ناکردہ گناہوں کی سزا ہے
لو تم تو خفا تھے ہی یہ سورج بھی خفا ہے

اب کر لو تم اپنے سے ہی اظہار تاسف
دیوار بدن پر یہ مری کس نے لکھا ہے

یہ کس نے مجھے اپنے ہی لہجے میں پکارا
اندر کے حسیں شہر میں طوفان اٹھا ہے

سوچا تھا کہ مل کر تمہیں سلجھاؤں گا خود کو
تم نے تو مجھے مجھ سے ہی بیزار کیا ہے

میں اپنی سماعت کو کہیں بھول چکا ہوں
جو تم نے کہا تھا مجھے کب میں نے سنا ہے

تاریکی نے کچھ ایسے کیا ہے مجھے محصور
روشن ہے جو کمرے میں وہ بس ایک دیا ہے

خود نام بھی اب مجھکو مرا یاد نہیں ہے
کیا تجھ سے ملاقات کا انعام ملا ہے

یہ کیسی عجب صورت حالات ہے اب کے
دیوار پہ بارش میں بدن میرا پڑا ہے

وہ جس سے تمہیں اب بھی ہے ملنے کی تمنا
مدت ہوئی اس شخص کو وہ جا بھی چکا ہے

یہ معجزہء عشق ہے یا معجزہء فن
یہ زخمِ بدن زخم لگانے سے سلا ہے

اتنا تمہیں خاموش تو دیکھا ہی نہیں تھا
خاموش ہو کیوں اتنے بتا دو کیا ہوا ہے

خود ذات میں اپنی جو ہوا ہوں میں یوں تقسیم
تسلیم ہمیں یہ ہی وفاؤں کا صلہ ہے

تم کو بھی تو مجھ سے ہی شکایات ہیں ساری
مجھکو بھی مری جان فقط تم سے گلہ ہے

خود ذات میں اپنی جو ہوا ہوں میں یوں تقسیم
تسلیم ہمیں یہ ہی وفاؤں کا صلہ ہے

باہر بھی مرے ایک ہے صفدر سا شناسا
اندر بھی تو صفدر مرے اک اور چھپا ہے
لو اب بھگتو
——————-
درد کی ٹیس اٹھی ہے دل میں
اور تاریکی بڑھی ہے دل میں

شہر پر ہول کا منظر ہے عجیب
کربلا آن بسی ہے دل میں

سرخ آندھی جو چلی کربل میں
پھر وہی آندھی چلی ہے دل میں

لاش اک اور پڑی آنگن میں
قبر اک اور بنی ہے دل میں

آگ خیموں میں لگی تھی جیسی
آگ ویسی ہی لگی ہے دل میں

ہے جو شبیر کی خاطر درکار
اس محبت کی کمی ہے دل میں

تھی جو کربل میں لب اصغر پر
اب وہی پیاس اگی ہے دل میں

رو رہا ہے مرا مولا جس پر
کس کی یہ لاش پڑی ہے دل میں
————
سر یزیدوں نے اٹھایا ہے پھر
کربلا اور بنی ہے دل میں

موت آئے تو نجف میں صفدر
کیسی خواہش یہ چھپی ہے دل میں
————-
اندھی رفاقتوں کا ثمر کیا ملا مجھے
کرنا پڑا ہے اپنے سے صفدر گلہ مجھے
۔۔۔
اب روز میری ذات کو کرتا ہے منقسم
کرتا نہں تھا وہ جو کبھی بھی خفا مجھے
۔۔۔۔
پل بھر میں تن سے سانس کا رشتہ ہو منقطع
ہونٹوں سے ایسا زہرِ محبت پلا مجھے

اس جرمِ آشنائی کی ملتی ہے کیا سزا
کرتا ہے کس طرح سے معاف اب خدا مجھے
۔۔۔۔۔۔۔۔
تو نے کنارِ جھیل پہ جو گنگنایا تھا
تنہائیوں کا گیت وہی پھر سنا مجھے
۔۔۔۔۔۔۔
کرنا نہیں ہے اب کوئی ایثار کا سفر
کرنی نہیں ہے جینے کی اب التجا مجھے

صفدر بہار میں بھی رہوں گا خزاؤں میں
راس آ گئی ہے دوست تری بد دعا مجھے

————-
ہمارے دنیا بھر کے مسئلے ہیں
سمندر کو بھنور کے مسئلے ہیں
۔۔۔۔۔
کوئی صورت نہیں ملتی کسی سے
یہی آئینہ گر کے مسئلے ہیں
۔۔۔
اِنہی سے ذات ہے تقسیم میری
یہ جو دیوار و در کے مسئلے ہیں
——
شعور و فکر،احساسِ محبت
یہی اہلِ نظر کے مسئلے ہیں؟
۔۔۔۔۔
تمہیں تو فکر اپنے حال کی ہے
مجھے اگلے سفر کے مسئلے ہیں
۔۔۔۔۔
کوئی تو ہو جو میری بات سمجھے
یہی مجھ در بدر کے مسئلے ہیں
——
مرا ہر مسئلہ بس فکر کا ہے
جو باقی ہیں وہ زر کے مسئلے ہیں
۔۔۔۔
سکوں میں ہے بہت جو بے خبر ہے
وگرنہ سب خبر کے مسئلے ہیں
۔۔۔۔۔
سیاست بن گئے محراب و منبر
ادھر بھی اب اُدھر کے مسئلے ہیں
۔۔۔۔۔
کروڑوں لوگ جو سوتے ہیں بھوکے
یہ سب تقسیمِ زر کے مسئلے ہیں
—–
مجھے موجود لمحے کا تردد
تمہیں شام و سحر کے مسئلے ہیں
۔۔۔۔۔۔
بہت ہے فکر اسکو میرے گھر کی
کچھ اس کے اپنے گھر کے مسئلے ہیں
۔۔۔۔۔
اُسے دستار کی ہے فکر صفدر
مجھے در پیش سر کے مسئلے ہیں
———
غزل
کیسی بھلا یہ صورتِ آزار ہو گئی
وہ بھی اسی کی طرح سے بیزار ہو گئی

اس سے تعلقات کی ہر ایک شکل اب
اپنے گلے کے واسطے تلوار ہو گئی

یہ بھی تو اسکی نظرِ عنایت کا فیض ہے
تصویر جو جلائی تھی شاہکار ہوگئی

اچھا ہوں میں لکھاتھاجوخط کے جواب میں
میری اس ایک بات پہ بیمار ہو گئی

ہو گی کسی کے واسطے وہ مشتعل مگر
میرے لیئے تو طالعِ بیدار ہو گئی
——
اللہ پاک سے دعا ہے کہ پنجتن پاک کے صدقے آپ کا سایہ شفقت و مہرباں مجھ پر تاحیات رہے .. آمین

65 thoughts on “عالمی اخبار کے میر کارواں قابل صد احترام صفدر ہمدانی کون ہیں ؟”

  1. بھائی دلاورحسین جعفری !
    آپ کی اس “عالمی اخبار” کو عطا کی سند ہمارے لیے بہت قیمتی ہے، آپ کے یہ چند الفاظ ان لوگوں کے لیے ان کی برسوں کی محنت کا اجر ہیں جو دن رات اپنا وقت، محنت، اعصاب اور مال خرچ کر کے اس اخبار کو بلا معاوضہ، بے لوث چلا رہے ہیں، ان لوگوں کا تعارف اور شناخت یہی “عالمی اخبار” ہی ہے، یہ لوگ 94% آغا صفدر ہمٰدانی اور بہن ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ ہیں. ہمیں یقین ہے کہ آپ اب آتے رہا کریں گے اور ہم آپ کی تحریروں سے مستفید ہوں گے، انشاء اللہ-

  2. السلام علیکم
    دس دن کی طویل چھٹیوں اور مصروفیت کے بعد ( ہنسیئے مت ، بخدا ! میں چھٹیوں میں بہت زیادہ مصروف ہو جاتا ہوں ) آج جب آن لائن ہوا تو کیا کیا شہکار دیکھنے کو ملے ، مجھے لگا جیسے میں وہ بچہ ہوں جو ایک ہی سکہ لیکر مٹھائی کی دوکان پر آگیا ہوں اور اب جسے سمجھ نہیں آرہی کہ اِس ایک ہی سکے سے کون سی مٹھائی خریدے ۔
    محترم صفدر ہمدانی صاحب کے بارے میں آپ سب نے اتنا کچھ لکھ دیا ہے کہ میری مٹھی میں دبا ’’ سکہ ‘‘ اب مجھے کھوٹا لگنے لگا ہے ، سالوں پہلے جب میں بچہ تھا تب ایک بار اپنے ابو سے ( جو سال بعد مہینے دو مہینے کے لیے پاکستان آتے تھے ) محترم صفدر ہمدانی صاحب کا نام اور ذکر خیر سنا تھا ، اورتب سے ہی یہ نام دماغ میں کہیں چبھ کر رہ گیا تھا سالوں بعد جب اتفاق سے اِس محفل میں آنا ہوا تو ہمدانی صاحب کی بے پناہ شفقت میسر آئی ، میرا کھوٹا سکہ بھی اِس محفل میں چلنے لگا ۔ مجھے اُمید ہے آئیندہ بھی ہمدانی صاحب ہم پر یونہی شفقت فرماتے رہینگے ۔ انشاء اللہ ۔
    آصف احمد بھٹی

    محترم صفدر ہمدانی صاحب کے بارے

  3. ماشاء اللہ
    یہ میں کیا دیکھ رہا ہوں ؟ جناب اسحاق ساجد صاحب تشریف لائے ہیں

    وہ آئے ہمارے بلاگ میں خدا کی قدرت ہے
    کبھی میں ان کو، کبھی اس بلاگ کو دیکھتا ہوں

    آغا صاحب دیکھ لیجیے، یہ آپ کی ذات ہی ہے جس پر لکھا جانا، جناب اسحاق ساجد صاحب کی تشریف آوری کا سبب بنا۔
    ورنہ مجھے یاد نہیں کہ گزشتہ دو سالوں میں جناب نے کبھی ہمیں اپنی تحریریں عنایت فرمائی ہوں۔
    حضور اب آپ آئے ہی ہیں تو وقت نکال کر چکر لگاتے رہا کیجیے، یہاں “عالمی اخبار” کے ان بلاگز میں بھی اردو ادب کے حوالے سے کافی گپ شپ رہتی ہے، آپ کی تشریف آوری یقیناً ایک بہت قیمتی اضافہ ہوگا۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    بھائی آصف احمد بھٹی صاحب ! چھٹیاں ختم، مصروفیت ختم، یعنی فراغت شروع
    مبارک ہو اب ملاقاتیں رہیں گی، (یہ تو بتائیے کہ آپ کام کیا کرتے ہیں؟ میں بھی کوشش کر کے آپ کے شعبہ میں کام ڈھونڈوں، مجھے یہ چھٹیوں میں مصروفیت اور بعد میں فراغت والا طریقہ بہت پسند آیا ہے)۔

  4. آغا صاحب قبلہ ! میری اس درخواست کا کیا بنا ؟
    گزارش کی تھی کہ یہ موضوع اس وقت تک مکمل نہ ہو پائے گا جب تک ہماری باجی صاحبہ اور بچے، یعنی زہراٴ محمد اور ان کی والدہ محترمہ
    بھی اس بلاگ میں” کچھ” تحریر نہ کریں
    یہ ” کچھ” میں نے کم از کم کی صورت میں لکھا ورنہ حق تو یہ ہے کہ انہی کو کم از کم اس موضوع پر سب سے زیادہ لکھنا چاہیے تھا۔
    برائے کرم ان تک ہماری یہ استدعا پہنچا دیجیے

    ہم تصویر کا دوسرا رُخ بھی دیکھنا چاہتے ہیں (یہ جانتے ہوئے کہ اس تصویر کے بے شمار رُخ ہیں)

  5. مناف بھائی بابا نے بتایا تھا جو شائد آپ کی نظر سے نہیں گزرا (کلر تھراپی بلاگ میں ) کہ آپا ماہ پارہ پاکستان اپنی والدہ کی عیادت کے لئے گئی ہوئی ہیں جو ان دنوں علیل ہیں .. اور زہرا بیٹی آج کل اپنے سسرال میں اپنی ساس سسر کی غیر موجودگی کو نبھاہ رہی ہے .. ویسے بھی محمد اور زہرا کو انگریزی میں لکھنے کی سہولت زیادہ رہے گی .. کیونکہ وہ اردو لکھ بول اور پڑھ تو لیتے ہیں لیکن نیٹ پر اتنی روانی سے نہیں لکھ پاتے .. اس لئے اس بلاگ کو مکمل ہونے میں کچھ وقت لگے گا …

  6. السلام علیکم
    محترم عبدالمناف بھائی ، آپ کی محبت کا شکریہ ، آپ نے پوچھا میں کام کیا کرتا ہوں کہ آپ کو میری فرصت اور فراغت کا انداز پسند آیا ، تو عرض کہ مشکل کام ہے شاید نہ کر پائیں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
    دراصل میرا کام سمندر سے باہر نکلی ہوئی لہروں کو وائپر سے وآپس سمندر برد کرنا ہے ۔
    کیا خیال ہے ؟ کر لینگے ؟ ہا ہا ہا ہا ہا ہا ہا ۔
    آصف احمد بھٹی

  7. نگہت بہن ! واقعی بھابی کے پاکستان جانے والی بات میرے دھیان میں نہ رہی
    زہراٴ اور محمد اگر اردو بولتے ہیں تو لکھ بھی انشاء اللہ لیں گے خواہ رومن میں سہی
    ویسے درج ذیل لنک پر رومن اردو ٹائیپ کرنے سے کلاسیکی اردو لکھی جاتی ہے
    http://www.google.com/transliterate/indic/Urdu
    پھر آغا صاحب بھی تو ہیں نا

  8. وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ
    بھائی آصف احمد بھٹی صاحب !
    عرض یہ ہے کہ اگر چھٹیوں کے بعد فراغت اس کو کہتے ہیں یعنی سمندر سے باہر نکلی ہوئی لہروں کو وائپر سے وآپس سمندر برد کرنا، جسے آپ بھی “مشکل کام” فرما رہے ہیں تو پھر (چھٹیوں کی) مصروفیت کا کیا عالم ہو گا ؟ مشکل ترین ؟؟
    نہ بھئی نہ، کہیں یہ نہ ہو کہ
    آدھی چھوڑ ساری کو جاوے، آدھی ملے نہ ساری پاوے
    مجھے ویسے بھی سمندر کی لہروں سے کچھ ڈر سا لگتا ہے
    (میں نے بھی مذاق میں یہ سب کچھ کہا ہے)

  9. السلام علیکم
    نگہت جی آپ نے بہت خوبصورت پیرائے میں محترم ھمدانی صاحب کا تعارف پیش کیا ہے
    اور میرے خیال میں دوستی اور شاگردی کا حق ادا کر دیا
    خوش رہیئے
    والسلام
    زرقا

  10. بہت شکریہ زرقا .. کہاں ہو دوست آج کل کالم اور کلام میں اتنی تاخیر کیوں کر دیتی ہو … مجھے بہت انتظار رہتا ہے … جلدی سے کچھ لکھ بھیجو ..

  11. پہلے تو ڈاکٹر نگہت صاحبہ کا شکریہ کہ انھوں نے ہم قارئین کو میر کارواں کی شخصیت سے متعارف کرایا، دیگر اصحاب نے بھی معلومات میں اضافہ کیا۔ اب میرے لیے کچھ کہنے کو بچا ہی نہیں۔صفدر صاحب کی شخصیت کے بارے میں فارسی کا یہ فقرہ ہی کافی ہےکہ :
    آفتاب آمد دلیل ِ آفتاب

  12. کہیں تاثرات مرتب ہوں تو بس اتنا ہی لکھنا
    ہمیں آتا نہیں روشنی چراغ کو دیکھانا

    جناب صفدر ہمدانی صاحب کے بارے میں کچھ تحریر کرنا ایسا ہی ہے جیسے میں چراغ کو روشنی دیکھانے کی کوشش کروں۔ آپ کی شخصیت بہت بلند ہے اور اتنے بلند شخصیت پر لکھنے کے لئے اپنے کوتاہ قد کو جب دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ کہیں کوئ غلطی نہ سرذد ہوجائے، سو پہلے ہی معافی کا طلبگار ہوں۔۔۔۔ جناب صفدر ہمدانی صاحب سے پہلی ملاقات انٹرنیٹ کے ذریعے قمرآن لائن پر ہوئ جب انھوں نے میرے ایک تبصرے پر تحریر کیا” بہت خوب انور صاحب” ۔ مختصر الفاظ میں تبصرے کی پسندیدگی کا اظہار اور کیا ہوسکتا تھا۔ وہ دن تھااور آج کا دن، کہ ہم انکی سحرانگیز شخصیت کے جادو سے نکل ہی نہ سکے۔ پھر خدا نے یہ موقع بھی مرحمت فرمایا کہ آپ سے بہ نفس نفیس دو مرتبہ برلن میں ملاقات کا شرف بھی حاصل ہوا۔ پہلی مرتبہ جب وہ ہماری اردو انجمن برلن کے پروگرام میں تشریف لائے اور پہلے ہی ملاقات میں یا کہکر ملے کہ اپنا تعارف نہ کرانا ہمیں معلوم ہے کہ آپ ہی انور ہیں۔ یادگارتھیں وہ ملاقاتیں اور یادگار ہیں وہ ملاقاتیں میرے لئے کہ ان سے مل کر ایسا ہی لگا کہ ہم تو ایک دوسرے کو نہ جانے کب سے جانتے ہیں۔ ایک اتنا بڑا شاعر، مرثیہ نگار، ریڈیواور اخبار کا اتنا بڑا کالم نگار جب اپنے آپ کو ہر جگہ یہ لکھے کہ میں تو طفل مکتب ہوں اور آپ سب سے سیکھ رہا ہوں تو پھر اسکی بڑائ کا اندازہ اسکی اس سادگی سے لگائ جاسکتی ہے۔ اللہ تعالی کو اپنے بندے کی جو ادا پسند ہے آپ کو دیکھ کر اس کی بہترین مثال ڈھونڈنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی، میں تو وہ خوش نصیب ہوں جسے انھوں نے غریب خانے پر آکر رونق بخشی ہے۔ آپ کو سننے کا جسے موقع میسر آجائے وہ میرے نزدیک ایک خوش قسمت ترین انسان ہے کہ آپ گھنٹوں مدلل تقریر کرتے ہیں اور سننے والا یہی چاہتا ہے کہ آپ بولتے جائیں اور لفظوں کے پھول بکھراتے رہیں۔ خدا انکو صحت وتندرستی سے نوازتا رہے کہ ابھی تو ہمیں ان سے بہت کچھ سیکھنا ہے۔۔۔۔۔ انور ظہیر رہبر

  13. محترم بھائی انور ظہیر رہبر صاحب !
    ” دیر آید درست آید” کا مصداق تو (اکثر) آپ ہی کی آمد ہوتی ہے
    یہ تو ہم نے بھی سن رکھا تھا کہ ” اقبال ہمیشہ دیر سے آتا ہے”
    لیکن اب یقین ہو چلا ہے کہ ” انور بھی دیر ہی سے آتا ہے”
    بہر حال آپ آئے اور بہت خوبصورت الفاظ کے ساتھ آئے
    آپ نے آغا صاحب کی شخصیت کا ایک الگ رخ سے تعارف کروایا،
    اپنی ان سے پہلی ملاقات پر ان کا کہا یہ جملہ دہرا کر کہ :
    ” اپنا تعارف نہ کرانا ہمیں معلوم ہے کہ آپ ہی انور ہیں۔”

  14. ………………..
    کیا لکھوں ……….قلم گنگ ہوکررہ گیاہے…
    آپی ہر بات دل کو لگی ہے…ہر جملہ روح میں جا گھساہے..
    آپ کےباباکو ہم بھی بابا کہتےہیں تو ایسے ہی نہیں کہتے…
    کیا لکھوں ……….
    اآپ کےلکھےسے اتنا سرشارہوچکاہوں کہ قلم بےسدھ ہوگیاہے..
    صرف اتنا کہ ایک اور سنبھالےجانےکےقابل کالم ہوگیاہے….
    جسے میں پرنٹ کرکے اپنی فائلوں میں لگانا چاہوں گا…….
    چھپ چھپ کرپڑھناچاہوں گا۔۔۔۔۔۔۔

  15. ASLAMO ALEKOM, kese hein ap sab. Agar kese nein ISHFAQ AHMAD ka ZAWYA prha he to us main bohat se babon ka zekar hee hmara ye hamdani BABA un sab baboon ka murakab he. Mujhe fakar he ke baba ji ko 1970 se janta hoon aur bohat he meharban aur peyare dost hein ALLHA enhein slamat rakhe AMEEN. ji

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *