” آتے ہوئے آذاں ہوئی جاتے ہوئے نماز “

کسی نے کیا ہی خوب کہا ہے :
آتے ہوئے آذاں ہوئی جاتے ہوئے نماز
اتنے قلیل وقت میں آئے اور چلے گئے
مجھے یہ شعر امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے افغانسان و پاکستان جناب ہالبروک صاحب کے اس بیان ، ” سابق صدر جنرل ریٹائر پرویز مشرف کے دوبارہ اقتدار میں آنےکے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں “ کے بعد بار بار ستا رہا ہے ۔
جنرل صاحب کے اپنی سیاسی پارٹی ، آل پاکستان مسلم لیگ ‘ شروع کرنے کے بعد پاکستانی سیاست بالخصوص ان کے مداحوں میں ایک لہر سی اُٹھ کھڑی ہوئی کہ ، ’ ساڈا کمانڈو آیا کہ آیا یا پھر ساڈا شیر آوے ہی آوے ‘ ۔ تب ہمارے عالمی اخبار کے مدبر و مبصر جناب منظور قاضی صاحب نے ایک بلاگ ” ہائے اس زود پشیماں کا پشیماں ہونا “ کے نام سے شروع کیا تھا جس میں جنرل مشرف کی عوام سے معافیوں کی روشنی میں عوام کے انہیں معاف کرنے اور مستقبل میں ان کی کامیابی کے امکانات کے بارے میں سوالات اٹھائے گئے تھے ۔

بدقسمتی سے حالاتِ حاضرہ اور ملکی و بین الاقوامی سیاست سے متعلقہ اس بلاگ کو متوقع پذیرائی نہ ملی اور جس طرح کی بحث اور آراء کی توقعات تھیں وہ مفقود رہیں ۔ ناچیز نے اپنی کم علمی کے باوجود ایک تجزیہ ، ’ مش اینڈ مُش لیگ ۔۔۔۔ماضی ، حال اور مسقبل ‘ پیش کیا جس میں مختلف زاویوں سے ثابت کرنے کی کوشش کی کہ مستقبل قریب میں جنرل مشرف کے پاکستانی سیاست میں داخلے یا کامیابی کے امکانات انتہائی محدود ہیں ۔ اب اسی بات کا اعادہ مشرف کے مربی امریکہ نے بھی رچرڈ ہالبروک کی زبانی کہ ، ” سابق صدر جنرل ریٹائر پرویز مشرف کے دوبارہ اقتدار میں آنےکے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں “ میں بھی کردیا ہے ، جو میرے لئے بڑی خوشگوار حیرت کا باعث ہے ۔

رچرڈ ہالبروک نے واشنگٹن میں امریکی سفارت کاروں اور سکیورٹی کےماہرین کو بتایا کہ اگر پرویز مشرف نے صدر بش کے ساتھ کیے گئے اپنےوعدوں کو نبھایا ہوتا تو آج جو کچھ ہو رہا ہے وہ نہ ہوتا۔ جنرل مشرف کی طرف سے سیاسی جماعت بنانے اور دوباہ اقتدار حاصل کرنے سے متعلق انہوں نے امریکی سفارت کاروں کو بتایا کہ ان کے اندازے کےمطابق پرویز مشرف کا دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کا اتنا ہی امکان ہے جتنا سابق روسی رہنماء میخائیل گورباچوف کا ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے بغیر لگی لپٹی کے یہ گلہ بھی داغ دیا ہے کہ ’پرویز مشرف شدت پسندی کے خلاف موجودہ کشمکش کے ذمہ دار ہیں ، انہوں نے صدر بش کے ساتھ کیےگئے وعدے کے مطابق ملک میں جمہوریت کو بحال کیا ہوتا ، شدت پسندی کی حمایت کرنے والے مدرسوں کو بند کیا ہوتا اور قبائلی علاقوں کے بارے میں صحیح فیصلے کیے ہوتے تو ہم آج ان حالات کا سامنا نہ کر رہے ہوتے۔‘

کیا یہ جنرل مشرف کو ایک واضع پیغام ہے کہ ’ لائی حیات آئے ، قضاء لے چلی چلے “ یا

ان سے ” ڈو مور پرامزز ( وعدوں ) “ کا تقاضا ہے ؟ یا

امریکہ کی کوئی نئی چال ہے ؟

52 thoughts on “” آتے ہوئے آذاں ہوئی جاتے ہوئے نماز “”

  1. اگرچیکہ یہ بلاگ اب سب کی نظروں سے دور ہوگیا ہے مگر اسکے موضوعات ( سقوط ڈھاکہ ؛ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اس سانحہ پر تاثرات اور ساتھ ہی ساتھ انکا پرویز مشرف کے محسن کش سلوک کا تجزیہ ) ابھی تک زندہ ہیں . :
    آج کے جنگ اخبار میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان صاحب کا یہ کالم شایع ہوا ہے. جسے میں اس بلاگ میں چسپاں کرنے کی کوشش کررہا ہوں . اگر نہ پڑھاجائے تو جنگ اخبار کے ادارتی صفحہ میںاس مضمون کو پڑھ لیجئے.
    اس لنک پر کلک کیجئے :
    http://www.jang-group.com/jang/dec2010-daily/20-12-2010/col1.htm

  2. محترم جناب منظور قاضی صاحب ،

    ابدی نیند سو جانے والے بلاگ کو دوبارہ سے زندہ کرنے کا شکریہ ۔
    ڈاکٹر قدیر صاحب کا گذشتہ برس کا امسال بھی شائع ہونے والا مضمون ایک حقیقی محب وطن کی تڑپ اور دل کی آواز ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسی درد اور کرب نے ہی انہیں پاکستان لوٹ کر یہاں ایٹمی ریسرچ پہ مجبور کیا اور وہ کارنامہ سرانجام دے دیا جسے ہر محب وطن رہتی دنیا تک یاد رکھے گا اور ساتھ ہی وہ ناروا سلوک بھی ، جس پہ تفصیل سے بحث آپ کے ڈاکٹر صاحب سے متعلق بلاگ میں بھی ہوچکی ہے ، جو آپ کے ساتھ ایک ننگِ وطن ڈکٹیٹر نے کیا ۔
    اللہ ڈاکٹر صاحب کو صحت و تندرستی دے اور انہیں مستقبل میں ملک کا سب سے اعلیٰ عہدہ نصیب فرمائے تاکہ ان کے دکھوں اور کی گئی ناانصافیوں کی کچھ تلافی ہو سکے ، آمین ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *