امریکی کُتے

توبہ توبہ ، غلط سمجھ رہے ہیں آپ میں ہرگز ہرگز کسی امریکی کو کُتا نہیں کہ رہا ، بھلا میری کیا مجال میں کسی امریکی کو گالی دوں ، یہ تحریر خالصتاَ امریکی کتوں کے بارے میں ہے بالکل ایسے ہی جیسے پطرس بخاری کی تحریر “کُتے“ تھی ، ظاہر ہے وہ تحریر دیسی کتوں کے بارے میں تھی ہم ولائیتی کتوں کے بارے میں یعنی امریکی کتوں کے بارے میں معلومات دینا چاہتے ہیں

امریکہ میں سب کو پتہ ہے کہ امریکی زیادہ تر گورے ہوتے ہیں ، اور کتے انکے خاندان کا حصہ ہوتے ہیں ، کھانے کی میز سے لیکر بستر تک وہ انکے ساتھ ہوتے ہیں ، کبھی وہ انہیں چاٹتے ہیں کبھی کتے انہیں چاٹتے ہیں ، اس معاشرے میں انسان اکیلے ہو سکتے ہیں کتے نہیں ، انکے ساتھ یا تو کوئی کتا ہو گا یا پھر انسان تو ضرور ہو گا ، اسی وجہ سے پتہ نہیں چلتا کہ کتا امریکیوں کے ساتھ ہے یا امریکی کتے کے ساتھ ۔ ۔ ۔

تو آئیے ملتے ہیں امریکی کتوں سے ، جی تو امریکہ میں سب سے زیادہ جو کتا منظور نظر ہے وہ عجیب بات ہے کالا ہے ، جی ہاں گوروں کو کالے انسان چاہے ناپسند ہوں مگر کتے کالے ہی اچھے لگتے ہیں ۔ ۔ ۔ ان کتوں کی نسل یعنی breed لے براڈر ری ٹریور کہلاتی ہے ، یہ بہت ہی معصوم ہوتے ہیں دیکھنے میں بھی اور بھونکنے میں بھی ، کبھی کبھی بس تکلفاَ ہی بف بف کر کہ زبان کی ورزش کر لیتے ہیں ان کی اسی شرافت کی وجہ سے یہ فیملی ڈاگ یعنی خاندانی کتے کہلاتے ہیں ، یعنی خالص کتے ہوتے ہیں ، ٹہلنے کے لئے بہت ہی عمدہ ہیں ، ہر عمر کے انسانوں کے ساتھ رہ سکتے ہیں ۔۔۔ یہ ہی وجہ ہے کہ یہ بہت ہی زیادہ ہوتے ہیں ، لمبی عمر بھی پاتے ہیں اور ساتھ بھی دیتے ہیں ۔ ۔ ۔۔ ۔ باقی دنیا میں اس قسم کے حکمران پائے جاتے ہیں ، جنکو امریکی اپنے خاندان کا ہی حصہ سمجھتے ہیں ، اور اسی لئے اس نسل کے خاندان ہی حکمران رہتے ہیں ، ایسے ہی کچھ حکمران عرب بھی کہلاتے ہیں

مگر سب سے زیادہ مشہور نسل یارک شائیر ٹیریز ہے ، یہ کتا چھوٹا سا ہوتا ہے اور بہت دو سال کی عمر میں ہی جوان ہو جاتا ہے یعنی اگر کسی امریکی کاکے کو کوئی یارک ٹیریز پیدائش پر گفٹ کرے تو جب تک بچہ پایاں پایاں چلنے کے قابل ہو گا ، اسکا کتا کتنی ہی کتیوں کا محبوب بن چکا ہو گا ، اسی لئے یہ نسل بہت ہہی ذھین اور تیز طرار سمجھی جاتی ہے ، جسکی سب سے بڑی خصوصیات اسکا چھوٹا سا قد اور وزن آدھے کلو سے پانچ کلو تک ہو سکتا ہے ۔ ۔ ۔ مگر ان کتوں کی عمر بہت تھوڑی ہوتی ہے بس بارہ سے پندرہ سال ، اور اس کی وجہ انکی ایک بیماری ہے جو انکے گوڈوں میں ہو جاتی ہے ۔ ۔ ۔ انسانوں کی تیسری دنیا میں ایسے حکمران امریکی پالتے ہیں ، جو بہت جلدی جوان ہو جاتے ہیں ، مگر انکی حرکتیں انہیں گوڈوں بٹھا دیتی ہیں ، اور پھر یہ ننھا سا کتا ۔ ۔۔ اوہ ۔ ۔۔ میرا مطلب ہے حکمران ، امریکیوں کے ہاتھوں ہی سورگ باشی ہو جاتا ہے یا لم لیٹ ہو جاتا ہے

چلیں اب ہم اس کتے کی بات کرتے ہیں جو بہت ہی کتا ہے ، یعنی جرمن شیفرڈ ، کتوں کی یہ نسل بہت ہی کام کی ہے ، جسے جیسے چاہو ڈھال لو ، یہ ذھین ہے ، کرتب سیکھ سکتا ہے ، دوست ہے مگر کچھ زیادہ ہی دوست ہوتا ہے اور بچوں کے ساتھ کھیلنے میں تو اسکا جواب نہیں ، مگر اسے پالنا آسان نہیں ، یہ کھلی جگہ مانگتا ہے ، کھانا اچھا کھاتا ہے اور تبھی سب کا ساتھ دیتا ہے ، فوج سے لیکر گھر تک جرمن شیفرڈ کا جواب نہیں ، یہ ایک بار جس خاندان کا حصہ بنتا ہے یا جسکا ساتھ بنتا ہے ، مرتے دم تک اسکے ساتھ رہتا ہے اور اگر کسی وجہ سے کوئی اس سے دور ہو جائے تو یہ باقاعدہ اداس ہو جاتا ہے ۔ ۔۔ ۔ عالمی افق پر تمام فوجی آمر اسی نسل سے تعلق رکھتے ہیں ، امریکیوں سے انکی وفاداری ایک مثال ہے ، امریکہ کی ناراضگی سے یہ اتنے دل برداشتہ ہوتے ہیں کہ اپنا وطن چھوڑ دیتے ہیں مگر امریکہ کو نہیں چھوڑتے

مگر ایک نسل اور بھی ہے جوامریکی گوروں کو بہت پسند ہے شاید اسلئے کہ یہ بھی گورا کتا ہے ، جی جناب یہ نسل کہلاتی ہے گولڈن ریٹریور ، بہت خوبصورت اور انتہائی خصوصیات کا حامل ہے یہ جانور ، سیکھنے میں انتہائی ذھانت کا مظاہرہ کرتا ہے ، اور اپنے آپ کو انتہائی مہذب اور مؤدب پرسنیلٹی رکھنے والا دیکھاتا ہے ، اسے پانی پسند ہے ، اچھلتا کودتا رہتا ہے ، اکثر ہالی وڈ کی فلموں میں نظر آتا ہے ، ماہرین اسے گھر کے اندر رکھنے سے منع کرتے ہیں کیونکہ یہ ہر وقت کچھ نہ کچھ کرتا ہی رہتا ہے ، اسکے لئے امریکی الگ سے ڈاگ ہاؤس بناتے ہیں ، اور اسکا بہت خیال بھی رکھتے ہیں ، مگر اپنے ساتھ گھر میں لے جانا نہیں پسند کرتے ، انسانوں میں ایسی نسل کو تارکین وطن کہا جاتا ہے ، جو امریکہ میں موجود ہیں مگر امریکی انہیں الگ الگ ڈاگ ہاؤسز میں رکھتے ہیں ۔ ۔ ۔۔

ایک اور نسل جو امریکہ میں بہت پائی جاتی ہے وہ ہے بیگل یہ بھی فیملی ڈاگ کہلاتا ہے ، گھر کے اندر باہر موجود ہوتا ہے ، اپنی انتہائی حساس ناک کی وجہ سے شکار کے لئے بھی بہت موزوں ہوتا ہے ، بچوں کے ساتھ کھیلنے کا ماہر ہے ، کرتب بھی دکھا سکتا ہے ، سیکھتا بہت جلدی ہے ، بھونکے میں ذرا کمزور ہے مگر بھاگتا بہت تیز ہے ، غرض ایک آئیڈیل ڈاگ ہے ۔ ۔ ۔ اس نسل کے انسانوں کو امریکہ “آؤٹ سورس“ سمجھتا ہے ، یہ نسل ہر ملک و قوم میں موجود ہے ، اور اپنے مالک کے لئے شکار کرتا ہے ، اور دم ہلاتا رہتا ہے ۔ ۔۔ ۔

انکے علاوہ ایک اور کتا جو بہت ہی کتا ہے وہ کہلاتا ہے باکسر یہ بہت سارے رنگوں میں پایا جاتا ہے ، اور چھوٹی دم اور بڑآ جسم رکھتا ہے ، خوبصورت نہیں ہوتا مگر وفادار بہت ہوتا ہے ، اور اسکے بالکل ہی الٹ ایک چھوٹا سا کتا ہے جو انہیں خصوصیات کا حامل ہے اور کہلاتا ہے ڈیچ سونڈ ، یہ بھی امریکیوں کا بہت ہی منظور نظر ہے ، امریکی جہاں بھی جاتے ہیں ان کو ساتھ رکھنا پسند کرتے ہیں ۔ ۔ ۔

ایسے ہی خوبصورت اور فیشن ایبل کتوں کی ایک نسل پوڈلز بھی ہے ، جو امراء کا پسندیدہ ہے ، پسندیدہ تو شی زس بھی ہے ، اسے دیکھیں تو سہی ۔ ۔ ۔ ۔ انتا معصوم کہ ۔ ۔ ۔ بس دیکھتے ہی رہ جائیں ، امریکی ساری دنیا کے اداکار ، فنکار ، گلوکار اور دانش وروں کو اسی نسل کا سمجھتے ہیں ۔ ۔ ۔ اور کبھی کبھی ساتھ میں چپکا کہ ایسے رکھتے ہیں کہ وہ انہیں کا حصہ لگتے ہیں

اب اتنے سارے کتوں کا ذکر ہوا تو مشہور ترین بُل ڈاگ کا ذکر نہ ہو تو یہ مضمون ادھورا رہ جائے گا ، یہ رہا بُل ڈاگ ، جو ایک خالص امریکی کتا ہے ، کتنے ہی امریکیوں کو دیکھ کر بُل ڈاگ کا تصور ذھن میں آتا ہے ، مگر جب امریکی روپ بدلے تو وہ مینیچر شنزر بھی لگ سکتا ہے

کچھ کتے کتے لگتے ہی نہیں بلی بھی لگ سکتے ہیں جیسے چھائی ہوسس ، یا پھر پومی میرینز، ذرا انہیں دیکھیں تو سہی کیا معصوم شکلیں ، اپنی بلیاں بھی اتنی معصوم نہیں ہوتیں ۔ ۔ ۔
ہوں

اب بلی کا ذکر ہوا تو چوہے جیسا کتا بھی دیکھ لیں روٹ سے لر دیکھنے میں بُل ڈاگ اور جرمن شیفرڈ جیسا لگتا ہے مگر عادات و اطور میں بالکل مختلف ۔ ۔ ۔ چوہے جیسے دل کے ساتھ بلی سے بھی ڈرنے والا، الگ تھلگ رہنے والا

مگر سب کتوں کا بادشاہ جی ہاں امریکی کتوں کا بادشاہ کیویلیر کنگ چارلس سپینل کہلاتا ہے ، من موجی اور سب کے ساتھ مل جل جانے والا سب کا ساتھی اور سبھی کا دوست ۔ ۔ ۔ ہر طرح کے ماحول میں خود کو ڈھال لیتا ہے ۔ ۔۔ ۔ کیا آپ ایسے کسی انسان کو جانتے ہیں ؟؟

جاننا چاہتے ہیں تو امریکی کتوں سے ملیئے ، ویسے میں بھی کافی مخمصے میں ہوں کہ یہ امریکی کتے ہیں یا کتے امریکی ہیں ؟؟؟؟ ذرا سوچیے گا ۔ ۔ ۔۔

نوٹ :-
اس مضمون کی تیاری کے لئے انسائکلو پیڈیا آف ڈاگ بریڈ Encyclopedia of Dog Breeds
جسکے مصنف ہیں
D. Caroline Coile Ph.D.

اور اس تصاویر اس ویب سائٹ سے لی گئیں ہیں

http://www.squidoo.com/popular-dog-breeds

امید ہے اب آپ امریکی کتوں کو اچھی طرح پہچان سکیں گے

Published by

اظہر الحق

I am Azhar!

4 thoughts on “امریکی کُتے”

  1. کتوں کے بارے میں ایسی تحقیق بلا شبہ بڑا کام ہے لیکن اس تحقیق سے آشنائی بھی کوئی چھوٹا موٹا کام نہیں۔ واہ واہ اظہر بھائی کیا کہنا۔لیجئے ایک واقعہ یاد آ گیا جو 1975 کا ہے ۔اسوقت میں لاہور ریڈیو پر ریوڈیوسر تھا اور میری ڈیوٹی لاہور کے فورٹرس اسٹیڈیم کے معروف ہار اینڈ کیٹل شو میں لگی۔میرے ساتھ تبصرہ کرنے والوں میں کرکٹ کی اردو کمنٹری ولے حسن جلیل اور ایک معروف سینئر اناؤنسر مرحوم عزیز الرحمٰن تھے۔ بہت سے احباب کو شاید یاد ہو کہ دن میں ہارس اینڈ کیٹل شو ہوتا تھا اور رات میں ٹیٹو شو۔
    دن کے شو میں ایک اہم چیز کتوں کی دوڑ ہوا کرتی تھی جس میں زیادہ تر آرمی ڈاگ سینٹر کے کتے حصہ لیتے تھے۔
    اچھا یہ بتا دوں کہ یہ تبصرہ ریڈیو سے بھی نشر ہوتا تھا لائیو اور وہاں اسٹیڈیم میں موجود لوگ بھی لاؤڈ سپیکروں پر یہی سنتے تھے
    ایک دن اسی طرح جب کتا دوڑ شروع ہوئی تو عزیز الرحمٰن مرحوم نے کمنٹری شروع کی
    ” لیجئے حاضرین و سامعین اب کتوں کی دوڑ شروع ہونے والی ہے۔ دیکھئے کیسے خوبصورت اور سدھائے ہوئے کتے ہیں۔ لیجئے کتے ایک لائن میں کھڑے ہیں اور جب جج پستول سے پٹاخہ چلائے گا تو کتوں کی دوڑ شروع ہو جائے گی۔ لیجئے اب کتے دوڑ کو تیار ہیں۔ جج نے لبلبی پر ہاتھ رکھا اور یہ لیجئے پٹاخہ چلتے ہی کتے بھاگنے لگے، واہ واہ کیا خوبصورت ”فوج کتے” ہیں ۔واہ دیکھئے کس طرح یہ ”فوجی کتے” بھاگ رہے ہیں۔۔۔۔۔ابھی دو بار ہی انہوں نے ”فوجی کتے” کہا تھا کہ ہمیں احساس ہوا اور مائیکروفون بند کر دیا گیا۔
    اسکے بعد جو کچھ ہوا وہ ایک الگ کہانی ہے جو پھر کبھی سہی۔

  2. یقینی طور پر یہ بہت ہی معلوماتی بلاگ ہے۔
    اس میںکتوں کی مختلف نسلوں اور مختلف قسموں کا ذکر کیا گیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ان کتوں کی تصاویر بھی دی گئی ہیں ۔

    بلاگ کے عنوان سے یہ شبہ ہورہا تھا کہ صرف امریکہ کےمقامی کتوں کی نسل کا ذکر کیا جائےگا مگر اس میں جرمن شیپرڈ ؛لے براڈر ری ٹریور ؛ بُل ڈاگ ؛ کیویلیر کنگ چارلس سپینل جیسے بیرونی کتے بھی امریکی کتوں کے زمرے میں دکھائےگئےہیں ۔ اور اس بلاگ میں مختلف نسلوں کے امتزاج سے پید ا کئے گئے کتے بھی شامل ہیں۔

    بہرحال ان سب کتوں کو امریکی کتے کہا جاسکتا ہے اس لیے کہ امریکہ جاکر مستقل طور پر رہنےاور بسنے کے بعد یہ سب امریکی کتوں میں ہی شمارکیے جاسکتے ہیں ۔

    جہاں تک میرا خیال ہے : کتوں کی کوئی قومیت نہیں ہوتی۔

    کتے آخر کتے ہی ہوتے ہیں خواہ وہ امریکہ میں رہیں یا دنیا کے کسی ملک میں ، وہ کتے ہی رہتےہیں۔ امریکہ کے مقامی ( دیسی کتے ) تو بیرونِ ملک سے آئےہوئے کتوں کے ہاتھوں یا تو بالکل ختم ہوگئے یا جو تھوڑے بہت باقی ہیں تو وہ سب امریکہ کے کیمپوں میں زیادہ تر سیاحوں کو اپنے ناچ دکھا کر زندہ رہتے ہیں۔

    امریکہ میں باہر سے آئے ہوئے کتوں ہی کا راج ہے ۔ ان باہر سے آئےہوئے کتوں میں ہر ملک اور ہر نسل اور ہر رنگ کے کتے موجود ہیں ۔

    یہ بات صرف امریکہ ہی پر محدود نہیں ہے ۔ یہ بات یورپ ، کینیڈا اور اسٹریلیا پر بھی صادق آتی ہے ۔۔ ان سب ممالک میں مقامی کتوں اور بیرونی کتوں میں جھڑپ بھی ہوتی رہتی ہے اور نوک جھونک بھی ۔ اور رسم وراہ بھی ۔

    خواہ کسی عنوان سے یہ بلاگ لکھا گیا ہو بہر حال کافی معلوماتی بلا گ ہے ۔

    لیلیٰ کا کتا اور مشرف کے کتے بھی اس بلاگ کی زینت بن سکتے ہیں ۔

  3. بھئی اس وقت تو پاکستانی کتے کی بات ہے جو باؤلا ہوا 12 لوگوں کو کاٹ چکا ہے .. زیادہ حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ ابھی تک محکمے کے ہاتھ بھی نہیں لگ رہا اور محکمہ کے 3 افراد کو کاٹ چکا ہے .. اللہ اللہ .. تے خیر صلا .. لیجئے اب کیجئے بات کہ اب کتوں سے کون نمٹے گا .. ویسے پاکستانی کتوں کے سامنے امریکی کتوں کی کیا مجال …بس کاٹنے کاموڈ ہونا چایئے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *