شور

میرے شوہر کو شکایت ہے کہ میں بہت شور مچاتی ہوں مگر مجھے اس پر قطعاً ندامت نہیں ہوتی اور نہ ہی میں اپنی اصلاح کی کوشش کرتی ہوں۔ اب اس کی کیا وضاحت پیش کروں چلئے ایک فرسودہ سی وضاحت پیش کرتی ہوں۔
برسوں پہلے میں نے خود کو گُم کر دیا تھا تب سے خود فراموشی کے عالم میں جی رہی ہوں اس لئے غیر ارادی طور پر روزانہ شورمچاتی ہوں تاکہ دوسروں کو میرےہونے کا احساس رہے۔
آپ بھی کہیں گے کیسی فضول وضاحت ہے چلئے میں کچھ عملی بہانے گھڑتی ہوں
صبح سویرے میرے دونوں بیٹے سکول کالج جانے کے لئے خود بخود نہیں اُٹھتے۔ حالانکہ بڑا بیٹا اپنے موبائل پر الارم لگا کر سوتا ہے اور چھوٹے کو میرے شوہر مسجد سے آکر جگاتے ہیں مگر وہ اُس وقت تک بسترسے باہر نہیں نکلتے جبتک میں اوپر جا کر شورنہ مچاؤں۔ میرے بڑے بیٹے کو شکوہ ہے کہ میں اُسے آواز نہیں دیتی اور چھوٹے کو مسلسل پکارے جاتی ہوں اس لئے وہ بستر سے نہیں نکلتا۔ میں اُسے اس لئے آواز نہیں دیتی کہ مجھے معلوم ہے وہ میرے اوپر پہنچنے سے پہلے ہی بیدار ہو چکا ہوتا ہے۔ چھوٹا بیٹا جو کافی دُبلا پتلا ہے سکول کے لئے تیار ہونے میں ایک گھنٹہ لیتا ہے۔ میں اکثر سوچتی ہوں وہ اپنا چھوٹا سا منہ دھونے میں اتنی دیر کیوں لگاتا ہے۔ مجھے ہر روز یہ اندیشہ لاحق رہتا ہے کہ اُسے سکول سے دیر نہ ہوجائے اس لئے ناشتہ تیار کرکے اُسے وقفے وقفے سے آواز دیتی ہوں۔ اُس کے نیچےآ جانے پر بھی میں خاموش نہیں ہوتی اور دو تین بار ناشتہ جلدی ختم کرنے کی ہدایت کرتی ہوں۔ وہ ناشتے کے بعد دوبارہ ہاتھ دھوتا ہے اور اکثر ناشتے سے پہلے یا ناشتے کے بعد جوتوں پر برش لگاتا ہے اور ہاتھ دھوتا ہے۔ میرے شوہر اکثر مجھے خاموش رہنے کی تلقین کرتے ہیں۔ اُن کا خیال ہے کہ بچوں کو دو تین بار سکول کالج سے دیر ہو جائے گی تو خو ہی سدھر جائیں گے۔ مگر مجھے یہ سُننا بالکل پسند نہیں کہ ماما آپ کی وجہ سے مجھے سکول سے دیر ہوئی۔ اس لئے میرا شور مچانا جائز ہے۔
سکول سے واپسی پر میں اپنے بیٹے سے پوچھتی ہوں کہ وہ کتنی دیر میں یونیفارم بدلے گا وہ جواب دیتا ہے کہ پانچ منٹ میں لیکن پونے گھنٹے سے پہلے کھانے کے لئے نہیں آتا۔ میں اس کے لئے گرم پراٹھا بناتی ہوں کیوں کہ اُسے ٹھنڈا کھانا پسند نہیں۔ اب پراٹھا ٹھنڈا ہونے کے ڈر سے شور مچانا شروع کرتی ہوں۔ اس پر بھی مجھے تلقین کیجاتی ہے کہ بار بار آواز مت دیا کرو۔ میں جانتی ہوں کہ میرے شوہر کا تحفظِ ماحولیات سے دور دور کا واسطہ نہیں پھرنجانے وہ روزانہ مجھے کیوں سمجھاتے ہیں۔ میں ڈرتی ہوں کہ وہ کسی دن شور ماپنے والا آلہ نہ خرید لائیں اور مجھے گھرکا ماحول بگاڑنے کا مجرم نہ قرار دے دیں۔ کیونکہ یہ تو سب خواتین جانتی ہونگی کہ شوہر حضرات گھر میں پیدا ہونے ہر بگاڑ کا ذمہ داربے چاری بیویوں کو ہی ٹھہراتے ہیں۔
خیر میں بتا رہی تھی کہ رات کے کھانے سے پہلے ہمارے گھر میںپھر شور سُنائی دیتا ہے۔ کھانے کے دوران میرا پڑھاکو بیٹا ٹی وی آن کر لیتا ہے ۔ اور کھانا تب تک ختم نہیں کرتا جب تک ٹی وی کا پروگرام ختم نہ ہو جائے۔ اُس کی دادی یہ ماجر ا سُن کر کہتی ہیں اس کی شادی کے روز کیا ہو گا ۔ یہ کھانا کھاتا رہ جائے گا اور باراتی دُلہن لے کر لوٹ آئیں گے۔اب ا ٓپ ہی تصور کیجیے لوگ کیا سوچیں گے اس لئے میں ابھی سے اُس کو سدھارنے کے لیے شور مچاتی رہتی ہوں۔آخر ہماری ماں بھی تو ہمیں رات کو جلدی سونے کی تلقین کرتی تھی۔ مگر ہمارے جنت مکانی والد صاحب کبھی اُنہیں ٹوکنے کی جرات نہیں کرتے تھے۔ میں سوچتی ہوں کہ ہمارے زمانے کے شوہروں کیا ہو گیا ہے ۔ ان کو امورِ خانہ داری میں دخل اندازی کا استحقاق کس نے دیا ہے۔ پر مجھے کیا معلوم دوسرے گھروں میں خواتین کو شور مچانے کی آزادی ہے یا نہیں ۔ اصل میں مجھے فون پر لمبی لمبی باتیں کرنے کی عادت نہیں اس لئے دوسرے گھروں کے خانگی حالات سے لاعلم ہی رہتی ہوں۔مجھے کچھ علم نہیں کہ برابر والے گھر میں آج کیا پکایا جا رہا ہے ۔ اور نہ ہی مجھے یہ علم ہے کہ کونسی ہمسائی نے کتنے نئے سوٹ بنائے ہیں ۔ لیکن میں اس مفروضے پر یقین رکتی ہوں کہ سب خواتین نے میری والدہ کی مانند اپنے شوہروں کو پابند کر رکھا ہو گا کہ وہ گھریلو معاملات میں دخل اندازی سے باز رہیں یہ میری ہی بے جا ڈھیل کا نتیجہ ہے جو میری آزادی پر قدغن لگانے کی بے سود کوشش کی جاتی ہے۔
آپ بھی کہیں گے کہ میں کتنی خود سر ہوں۔ شوہر کے مخلصانہ مشوروں پر عمل نہیں کرتی۔ کیا کروں مجھے شور مچانے کی عادت سی ہو گئی ہے۔
شاید میری اتنی لمبی چوڑی عملی وضاحت بھی آپ کو قائل نہیں کر سکی۔ تو میں ایک آخری کوشش کرتی ہوں
میرا خیال ہے مجھے اپنی ہی آواز سُننے کا شوق ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

28 thoughts on “شور”

  1. زرقا بیٹی شادو آباد رہو ،آمین

    تمھارے دلچسپ مضمون کو پڑھتے ہوئے اپنا ماضی یاد آ گیا ،ا یسا محسوس ہوا جیسے وہی ریل آنکھوں میں چلنے لگی جب میرے شو ہر کہتے تھے بچّوں کو تیّار کردو مسجد جانا ہے اور میں دونوں بچّوں کو جن کی عمرین سات آٹھ برس کی ہی تھیں تیّار تو کردیتی تھی لیکن جب میرے شوہر کہتے تھے چلو بچّوں نماز کے لئے تو چھو ٹے کی آواز نہیں آتی تھی یعنی مسجد جانے سے پانچ منٹ پہلےہی وہ ایکٹنگ کرتے ہوئے واقعئ سوتا بن جاتا تھا ،اس کو جگانے کے لئے میرا شور مچانا لازم تھا کہ تم ابھی تک تو جاگ رہے تھے اتنی جلدی کیسے سو گئے

    بڑا بیٹا دوپہر کو اسکول سے واپسی پر ایک پیر گھر میں اور دوسرا پیرگلی میں ،،پوچھتا تھا ،کیا پکّا ہے اگر اس کی پسند کی چیز نہیں ہوتی تھی تو وہیں سے نعرہ لگاتا تھا میں نہیں کھاؤں گا ،اس کو کھانا کھلانے کے لئے ایک لیکچر ورنہ پھر وہی تکرار

    چو تھے نمبر کی بیٹی پرائمری جماعتوں کے دوران اکثر اونچےد رجے کا فساد کرتی تھی میں اسکول نہیں جاؤں گی ،اور میرا ہنگامہ پڑوس تک چلا جاتا تھا ،اس کو راہ راست پر کیسے لائ اللہ ہی بہتر جانتا ہے

    ویسے میری بھی عادت ہی ہے کہ میں آہستہ بات نہیں کر سکتی ہو ں ،اب اگر آ ہستہ اور نرمی سے بات کروں تو کیا بیٹے کے بچّے قابو میں رہیں گے ؟ ہر گز نہیں ،اس لئے اب بھی میرا شور مچانا ضروری ہے

    ابھی حال ہی میں ایک تقریب سے واپسی پر میری بہو گھر واپس آکر میرے پاس آئ اور قہقے سے ہنسی (قہقہہ لگانا اس کی لغت میں نہیں ہے)مین نے پوچھا کیا ہوا؟ کہنے لگی فلاں خاتون کہ رہی تھیں کہ تم اپنی ساس کے ساتھ کس طرح رہتی ہو

    میں نےان سے پوچھا کیوں کیا ہوا تو وہ کہنے لگیں تمھاری ساس کتنا بولتی ہیں ،تو میں اسی طرح سے وہاں بھی ہنس پڑی اور میں نے کہا ہم اسی طرح خوش رہتے ہیں کہ میں بہت کم بولتی ہوں اور وہ میرے بولنے کی زمّہ داری بھی خود لئے رہتی ہیں

    تو زرقا بیٹی تم ا بھی اپنے فرائض کی بجا آوری میں جس تندہی سے مصروف ہو اس کا تقاضہ ہی شور مچاکر اپنی بات منوانا ہے

    اب کسی کو اچھّا لگے یا برا ،آ گے جا کر الزام اپنے سر لینے سے بہتر ہے ابھی شور مچا کر بات منوا لو ،میرا تو خیال ہے کہ عورت کی عافیت ہی اسی میں ہے کہ وہ اپنی بات منوانے کے لئے شور کرتی رہے اور تنقید بھی برداشت کرتی رہے

    دعاگو زائرہ بجّو

  2. غالب نے کیا خوب کہا ہے کہ :
    ایک ہنگامے پہ موقوف ہے گھر کی رونق
    نوحہء غم ہی سہی ، نغمہ ء شادی نہ سہی
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    گھر میں کسی خاتون کا شورمچانا ، بلبل کی چہچہاہٹ اور کوکل کی کوکو سےکم نہیں۔
    اسی سے گھر کی رونق ہے اور یہی زندگی کا راز بھی ہے۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    وہ گھر ایک قبرستان بن جائے گا جس میں عورت کی آواز کا شور موجود نہ ہو۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    اس بلاگ کا موضوع اتنا پیار ا ہے کہ اسے شاعروں نے اپنی شاعری کا اور افسانہ نگاروں نے اپنے افسانوں کا مرکزی موضوع بنا یا ہے ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔
    اللہ اس شور کو سلامت رکھے : آمین

  3. السلام علیکم
    زرقا آپی ، میرے خیال میں آپ کی آخری بات درست ہے ،
    یعنی بہت سی خواتین کو اپنی آواز سننے کا شوق ہوتا ہے ، بلکہ اکثر یہ محض شوق سے بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے ۔ ہا ہا ہا ہا ہا ہا ہا ۔
    آصف احمد بھٹی

  4. بہت اعلیٰ انشائیہ ہے۔ منفرد تحریر اور زمانے بھر کی پریشانیوں کے درمیان ایک ہلکی پھلکی گفتگو جو کسی بھی محبتوں بھرے گھر کی داستان ہے۔ چند سطروں میں یوں لگا کہ ایک دن کی مکمل ڈائری سامنے آگئی ہو۔خدا آپ کے زور قلم کو اور بھی زیادہ کرے۔۔۔۔۔حقیقت یہ ہے کہ جس دن ہماری شریک سفر شور کم کریں، اس دن ایک طرف انکی طبیعت کی طرف سے فکر مندی ہوتی ہے اور دوسری طرف گھر کا ماحول اداس سا ہو جاتا ہے۔ اس لئے کہ یہ شور ہی علامت ہے گھر میں ہنستی بستی زندگی کا۔یہی شور الگ کرتا ہے ہست کو بود سے اور یہی شور مثیل ہے صدائے کن فیکون کا۔۔۔کہ اس کارخانہء قدرت میں زندگی کرنے کااک کار مسلسل ہے جو جاری ہے، اور اسکے کل پُرزے اپنی صدا سے کارخانے کے چلتے رہنے کی خبر دیا کرتے ہیں۔ خدا اس شور کو سلامت رکھے۔
    ========================

    چند جوابی سطریں ہدیتاً پیش ہیں:
    حقیقت میں ہر گھر کی کم و بیش یہی صورت حال رہتی ہے اور خدا کا شکر ہے کہ یہی صورت حال رہتی ہے، ورنہ اگر ہم شوہرلوگ شور مچانے کے کردار پر مجبور ہوگئے تو پھر شور انسانی حلقوم کے ساتھ ساتھ برتنوں کے ترنم سے اور بھی موسیقیت کا شکار ہو کر رہ جائے گا۔ ایسی موسیقی گھروں سے شوربے کو بھی مفقود کر دے گی۔ اس قسم کا شور کرنے والے کو واقعاً شوریدہ سری کے خطاب سے بھی نوازا جا سکتا ہے۔خیال رہے کہ اس قسم کا شور مستقل شورش برپا کرنے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ اسی لئے زمانے بھر کی شوریٰ کا یہ اصولی فیصلہ ہے کہ برابر شور کرنے کا حق صرف صاحبہء خانہ کو حاصل ہے اور صاحب خانہ کا کام سننے سمجھنے اور سمجھانے کی حد سے زیادہ نہیں ہے۔۔۔۔۔اور ہونا بھی نہیں چاہیئے۔

  5. السلام علیکم
    اس تحریر کو پڑھنے کے لئے میں آپ سب کی شکر گزار ہوں. میں اسے یہاں ارسال کرتے ہوئے تذبذب کا شکار تھی لیکن بوریت دور کرنے کے لئے سوچا کہ میں بھی ایک “بلاگ” لکھ ڈالوں.
    زائرہ آپاکا جواب پڑھ کر کافی حوصلہ ہوا کہ شور مچاناکچھ ایسا بھی معیوب نہیں.
    قاضی صاحب کا جواب بھی خواتین کے لئے حوصلہ افزا بلکہ خوش کُن ہے
    آصف بھائی نے تو یوم خواتین کا مزا ہی کرکرا کر دیا
    مصباح بھائی کی جوابی سطور پڑھ کر مجھے اپنے والد صاحب بہت یاد آئے کیونکہ وہ تمام عمر اسی پالیسی پر عمل پیرا رہے.
    بلاگ کی دیگر خواتین کہاں ہیں جلدی آئیے اور بتائیے گھر میں کون کتنا شور مچاتا ہے
    والسلام
    زرقا

  6. یہی“ شور “ صریر خامہ بھی ہے اور نوائے سروش بھی ہے۔

    یہی مترنم “ شور“ سورہ مزمل کی تلاوت اوردرود تاج کا ورد بھی ہے جو ہر فجر کی نماز کے بعد تقریبا ہر گھر میں برپا ہوتا ہے۔

    یہی “شور “ ہر اس فرد کے دماغ میں موجود رہے گا جس نے اپنے بچپین میں اس “شور“ کو بار بار سنا ہو۔

    سلامت رہے ہر وہ خاتون جسے ایسا“ شور “ مچانے کی عادت ہے ۔

    اللہ ہر اس مرحومہ خاتون کو کروٹ کروت جنت عطا فرمائے جس نے اپنی زندگی میں ایسا “شور “ مچایا ۔

  7. اکیسویں صدی کا زمانہ ہے دوستو
    بیوی کا کام شور مچانا ہے دوستو
    …….
    پھر شوہروں کو بیویوں کے شور پر فقط
    کانوں میں انگلیوں کو دبانا ہے دوستو
    ……
    سر پر جو ایک بال سلامت ہے اُس کو بھی
    اب ہم نے بیویوں سے بچانا ہے دوستو
    …..
    راضی خدا کو کرنا بڑی بات تو نہیں
    مشکل خدا سے بیوی منانا ہے دوستو
    …….
    منظور ہم کو صاحبو دوزخ کی ہے سزا
    گر خُلد بیویوں کا ٹھکانہ ہے دوستو
    …..
    سب بیویاں لحد میں بھی راضی رہیں سدا
    سب شوہروں کا یہ ہی ترانہ ہے دوستو
    …..
    صفدر ہمارے حال پر اللہ کرم کرے
    اُس نے ہی بیویوں سے بچانا ہے دوستو

  8. محترم ھمدانی صاحب
    آپ نے مرد حضرات کی ازلی مظلومیت کی بہت خوبصورت عکاسی کی ہے. شاید پہلی بار آپ کے کلام کا یہ رنگ دیکھا ہے اور بہت محظوظ بھی ہوئی. میری جانب سے داد قبول کیجیے. مگر میری تمامتر ہمدردیاں مہ پارہ بہن کے ساتھ ہی ہیں
    والسلام
    زرقا

  9. السلام علیکم
    واہ صفدر ہمدانی صاحب ، واقعی زرقا آپی نے درست کہا ہے ، آپ کے کلام کا یہ انداز اور یہ رنگ شاید میں نے بھی پہلی بار دیکھا ہے ، اور مزا بھی آیا ۔ ( ازرائے تفنن )
    وہی بچا ہے جورو کی جورو ستم سے
    بیوی کی سہیلی بنا جو زنانہ ہے دوستو
    آصف احمد بھٹی

  10. السلام علیکم
    زرقا آپی ، آج یوم خواتین کے حوالے سے ایک نہایت ہی خوبصورت اور حقیقت پر مبنی چیز نظر سے گزری ہے ، آپ کی خدمت میں پیش ہے ۔

    Oh the Women of the World !
    ( On Women’s Day )
    ***************************
    In the name of getting glory and power,

    In the quest to reach the highest tower,

    In the desire to grow as a blooming flower,

    In the dream to make man a bit narrower,

    Often you throw aside the limits of Nature,

    Often you forget, you are a wonderful creature,

    Often you try to be an arrogant preacher,

    Often you think , of man , you are a teacher.

    You and men are born with different semblance,

    You and men have their own unique fragrance,

    You and men are equal for the worldly balance,

    You and men are always each other’s essence.

    I pray you rise higher and higher,

    I pray you shine brighter and brighter,

    I pray you perform better and better,

    I pray you become wiser and wiser.

    ******************************

    آصف احمد بھٹی

  11. بہت خوبصورت چہرے ،دل دماغ ،پاکیزہ ررح کی مالک زرقا مفتی سلامت رھو، خوش رھو اللہ پاک آپ کے خانوادے پر اپنا خصوصی کرم ھمیشہ جاری رکھے آمین ،

    زرقا شور تو زندگی کی علامت ھے۔ شور کی قدر ومنزلت کوئ مجھہ جیسی گہرے سکوت میں ڈوبی بستی میں رھنے والی تنہا عورت سے پوچھے ۔۔

    اللہ پاک تم سب کے گھروں کو محبت اور سکھہ بھرے نغمگی شور سے آباد رکھے آمین ثم آمین۔

    تمھارے شب وروز کا احوال پڑھ کر اچھا لگا ،دوستوں سے ایسی باتیں شیئر کرنا چاھیے ، بہت اچھا لگتا ھے ۔ میں بہت باتونی ھوں اور میرے مرحوم شوھر اللہ پاک انکی مغفرت فرماۓ اور انکو بہہشت بریں میں جگہ عطا فرماۓ انکے گناھان کبیرہ اور صغیرہ کو معاف فرماۓ ، آمین بہت کم بولتے تھے ، میں انکی غیرموجودگی میں در ودیوار سے باتیں کرتی تھی مجھے گھر کی ایک دیوار سے دوستی میں برسوں لگے ۔ وہ بہت سرد مہر تھی میری بات بھی توجہ سے نیہن سنتی تھی ۔پھر ایک دن اس نے مجھہ سے دوستی کرلی ۔ شاید میرے آنسو اس کا پتھر دل پگھلا گیۓ ۔۔۔ یہ پرانے گھر کی بات ھے ۔ موجودہ گھر کی ساری دیواریں میری دوست ھیں ۔ شاید اسی لیے میں بہت پرسکون رھتی ھوں ۔ ۔ پتہ نیہن کیوں کل رات ھوا بہت دیر تک میرے گھر کے دروازے سے سرٹکرا کر روتی اور شور مچاتی رھی ۔ ۔ صبح سب کچھہ پرسکوں تھا ھوا بھی سمندر بھی موسم بھی اور میں بھی

    کھبی کبھی میں اپنے بارے میں بھی کچھہ لکھنا چاھتی ھوں مگر زبان اور قلم ساتھہ ھی نیہن دیتے ۔

    خواتین کے عالمی دن پر تمھاری یہ خصوصی تحریر بہت اچھی لگي ، سوجو آج سے 100سال قبل نیویارک کی 15ھزاز مزدور عورتیں شور مجاتی ھوئ سڑکوں پر نہ نکلتیں تو دنیا کا نقشہ کتنا مختلف ھوتا ۔

    شور بہت ضروری ھے اور محترم المقام صفدر ھمدانی کی مختلف المزاج شاعری نے بلاگ کا رنگ ھی تبدیل کردیا۔

    اکیسویں صدی کا زمانہ ہے دوستو
    بیوی کا کام شور مچانا ہے دوستو
    …….
    پھر شوہروں کو بیویوں کے شور پر فقط
    کانوں میں انگلیوں کو دبانا ہے دوستو
    ……
    سر پر جو ایک بال سلامت ہے اُس کو بھی
    اب ہم نے بیویوں سے بچانا ہے دوستو
    …..
    راضی خدا کو کرنا بڑی بات تو نہیں
    مشکل خدا سے بیوی منانا ہے دوستو
    …….
    منظور ہم کو صاحبو دوزخ کی ہے سزا
    گر خُلد بیویوں کا ٹھکانہ ہے دوستو
    …..
    سب بیویاں لحد میں بھی راضی رہیں سدا
    سب شوہروں کا یہ ہی ترانہ ہے دوستو
    …..
    صفدر ہمارے حال پر اللہ کرم کرے
    اُس نے ہی بیویوں سے بچانا ہے دوستو

    اللہ کرے زور قلم اور زیادہ

  12. آپ سب سے درخواست ہے کہ تھوڑا سا اتنظار کریں ۔۔ کہ مابدولت شور کے امتحانات ہو رہے ہیں ۔۔ میری پیاری زرقا تم نے بھی کیا زکر چھیڑ دیا ۔۔ بس دعا کرو میرے میاں کو نہ پتہ چلے ورنہ انہوں نے اپنی کہانی لکھ دینی ہے ۔۔ کیونکہ وہ مجھے “شور “ کے نام سے ہی پکارتے اور جانتے ہیں ۔۔ ابھی کل ہی بچوں سے کہہ رہے تھے کہ سکون کے صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں ۔۔ شور کے امتحان جمعہ کو ختم ہو جائیں گے ۔۔ سو میں دیکھ رہی ہوں کہ بچے اور پاپا گھڑیوں کو ہی دیکھ رہے ہیں ۔۔ اور میں گھڑیاں گن رہی ہوں ۔۔ ہائے کیا کروں مجھے شور بہت پسند ہے ۔۔ پلیز پلیز جمعہ تک انتطار کر لو ۔۔ پھر تمہیں اپنے شور کی کہانی سناؤں گی ۔۔

  13. پڑھ کر یہ دل میں اٹھنے لگا ایک خلفشار
    بعد امتحاں کے آنے کو ہے اور انتشار
    بچوں کے ساتھ آپ بھی گھڑیاں گنیں جناب
    اک شور اور سننے کا اب کیجے انتظار

  14. اک شور اور سننے کا اب کیجے انتظار ۔۔۔ ہاہاہاہاہا ۔۔ اصل میں بابا بھی میرے شور کے گواہ ہیں ۔۔ سنیں بابا مجھے پتہ ہے کہ آپ پاپا کی ہاں میں ہاں بھی ملا تے ہیں کہ این این بلا وجہ شور کرتی ہے ۔۔ مجھے سب پتہ ہے ۔۔ اچھا ۔۔

  15. بہت خوبصورت تحریر!
    فقط تحریر ہی نہیں تقریباَ ہر گھر کی آواز ہے
    منظور قاضی بھائی کی اس بات کی تایئد کریں گے کہ
    ————————————————————
    وہ گھر ایک قبرستان بن جائے گا جس میں عورت کی آواز کا شور موجود نہ ہو۔

    مگر اس بات سے متفق نہیں
    —————————————————
    گھر میں کسی خاتون کا شورمچانا ، بلبل کی چہچہاہٹ اور کوکل کی کوکو سےکم نہیں۔
    ایسا ھمیشہ نہیں ہوتا؟
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    کیونکہ کبھی کبھی یہ کوئل کی کو کو سے کوئے کی ٹے ٹے میں بدل جاتی ہے جو ناقابل برداشت ہوتی ہے ، پر ایسے موقع پر شوہر بیچارہ اپنے دل میں اٹھنے والے ہر شور کو دوا کی کڑوی گولی سمجھ کر پی جاتا ہے اگر ایسا نہ کرے تو گھر خانہ جنگی میں برباد ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بہر حال ھم بھی اس شور سے محظوظ ہوتے رہتے ہیں اکثر ۔

    بابا جی نے تو اس شور کا رنگ ہی بدل دیا ..کیا کمال کی بات سنائی ہے
    ———————
    منظور ہم کو صاحبو دوزخ کی ہے سزا
    گر خُلد بیویوں کا ٹھکانہ ہے دوستو

    جزاک اللہ بابا جی !

  16. آصف بھائی
    السلام علیکم
    آپ کے حُسنِ انتخاب کے لئے داد حاضر ہے
    کل فاضل جمیلی صاحب کا اقبالِ جُرم پڑھا اُن کی اجازت کے بغیر یہاں نقل کر رہی ہوں رومن میں اپنی فطری کاہلی کے باعث اسے اُردو میں ٹائپ نہ کرنے پر معذرت کرتی ہوں
    والسلام
    زرقا

    IQBAL e JURM
    ……………..
    waqt sub se barhi adaalat hai
    aor meiN waqt ki adaalat meiN
    aaj iqbal e jurm karta huN
    zindagi ki taweel raahoN meiN
    hum shareek e safar rahe donoN
    tu mujhe zindagi samajhti rahi
    meiN tujhe qatl karta aaya huN
    meiN ne aadam se le kar aaj talak
    jis qadar bhi lahoo bahaaya hai
    saara tere badan se aaya hai
    tu jo paida huwee to meiN ne tujhe
    zinda dargor kar ke maar dia
    kabhi deewar meiN chuna tujh ko
    kabhi soolee pe tujh ko waar dia
    hum ne mil kar makaan banwaaya
    jis meiN donoN muqeem heiN lekin
    tu gharailoo ghulaam ki soorat
    aor meiN maalik e makaaN ki tarah
    sirf apni hawas mitaane ko
    meiN ne tairee qaseeda khawani ki
    sochta huN to yaad aata hai
    meiN ne kia kia ghalat beyaani ki
    maira maazi hai jhoot ki taareekh
    haal apne pe bus nadaamat hai
    iss se pehle keh iss nadaamat meiN
    meiN kisi roz khud kashi kar looN
    ae meri hum safar baghaawat kar
    apni taareekh khud murattub kar.

    Fazil Jamili

  17. شاہین جی
    آپ سے ملاقات کا بہت اشتیاق ہے. آپ کی دُعاؤں کے لئے بہت شکریہ. آپ اپنے بارے میں ضرور لکھئے
    اللہ تعالیٰ آپ کو سکونِ قلب عطا کرے
    والسلام
    زرقا

  18. نگہت جی
    السلام علیکم
    ہم سب آپ کی تحریر کے بڑی بے صبری سے منتظر ہیں
    ویسے آپس کی بات ہے میں کافی خاموش طبع ہوں
    میں نے بھی اپنے شوہر کو اس تحریر کے بارے میں نہیں بتایا
    خوش رہیئے اور اچھے اچھے پرچے دے کر آئیے
    والسلام
    زرقا

  19. جعفر بھائی
    اگر لیلی بھابھی نے آپ کا مراسلہ پڑھ لیا تو کیا ہو گا
    آپ کی تشریف آوری کے لئے ممنوں ہوں
    والسلام
    زرقا

  20. میرے خیال میں محترمہ سیدہ زائرہ عابدی صاحب کی یہ انتہائی موثر نظم اس بلاگ کی زینت بن سکتی ہے اس لیے کہ یہ نظم بھی زرقا مفتی صاحبہ کے اس بلاگ کی طرح یوم حقوق خواتین ہی کے موضوع پر ہے:

    ( اس نظم کو محترمہ سیدہ زائرہ عابدی صاحبہ نے وحید اختر واحد صاحب کی نظم کے بلاگ میں چسپاں کیا تھا )

    سّیدہ زائرہ عا بدی نے کہا ہے:
    March 8, 2011 بوقت 10:32 am
    آ ج کل دنیا میں خواتین کے حقوق کی بڑی بازگشت سنائ دیتی ہے ، میرے دل کے اندر سے بھی ایک کمزور آواز نے کچھ اس طرح سر اٹھایا ہے جو میں عالمی ا خبار کے قارئین کی نزر کر رہی ہوں

    اس کی بےتکی ،،تک بندی کی نشان دہی مصباح بھائ کریں گے ،مجھے تو لگ رہا ہے یہ پوری کی پوری ہی بے تکی ہے ،

    سنو ! اے ابن آ دم

    میری آواز کو کچلو نہیں

    کہ! یہ تو وہ آواز ہے

    جو نظام دہر میں ،آدمیت کو

    تمدّن بھی تعلّم بھی اور تہزیب دوراں بھی

    سکھانے کے لئے آئ

    مگر یہ کیا کیا تم نے ؟

    کہ اس آواز کو پا بہ زنجیر کر ڈالا

    اسیری کی دیواروں میں

    ہمیشہ کے لئے محبوس کر ڈالا

    کبھی تاریخ کے اورا ق دیکھو تم

    کہ اس آواز پر کتنے کڑے پہرے

    بٹھائے ہیں زمانے نے

    مگر اس کمزور سی آواز نے دیکھو

    اپنے وقت کے سماجوں کو بدل ڈالا

    رواجوں کو بدل ڈالا

    ہر ستم و جور کو

    اپنے پا ء آہن سے کچل ڈالا

    اب تم بھی میری آواز کو

    بندوق کی بس ایک گولی سے

    ہمیشہ کے لئے خاموش کردو

    یا کلہاڑی کے بس ایک ہی وار سے

    میری گردن تن سے جدا کردو

    یا کسی اندھے کنوئیں میں پھینک کر

    زمانے کو بتا دو

    کہ !میںنے خود کشی کر لی

    مگر یہ آواز پھر بھی سر اٹھا ئے گی

    اور زمانے کو بتائے گی

    کہ درماندہ و پسماند ہ اصو لوں کے پرستار ہو تم

    اور دنیا کو بتاتے ہو کہ میں نے بغاوت کی ہے

    کاش سوچو تو کبھی

    میرے لہجے میں بغاوت کا سبب کیا ہے

    میرے افکار میں کڑوا سا دھواں اٹھتا کیوں ہئے

    میرے جزبات شعلہ بداماں کیوں ہیں

    میرے ہونٹوں پہ حرف شکائت کیوں ہیں

    کاش اتنا سا سمجھ لو تم

    میری آواز رہا کر کے

    میری بغاوت کو فرو کر دو تم
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  21. السلام علیکم
    نکہت آپی ، میں بھی آج کل صحرا سے لوٹ آیا ہوں اور یہی ہوں ، سو اِس شور میں میرا حصہ بھی رکھئے گا ۔ اور ہاں ہم آپ کی کامیابی کے علاوہ اور کچھ بھی سننا نہیں چاہتے سو جلدی سے ہم سب کو اپنی نمایا حیثیت سے کامیابی کی خوش خبری سنائیے ۔
    آصف احمد بھٹی

  22. محترمہ زرقا مفتی صاحبہ ،
    ماشاء اللہ ، اللہ نظرِ بد سے بچائے ، ایک منظم گھر ، ایک محبت میں ڈوبی ماں اور ایک گھرہستی اور سگھڑ خاتونِ خانہ کی کیا خوب تصویر جھلکتی ہے شور میں ڈوبی اس خوبصورت داستان میں ۔

    ایسا مترنم شور کاش ہر گھر کو نصیب ہو کہ جس میں ایک شفیق ماں اپنے بچوں سے دل میں چھپے پیار اور اپنی آنکھوں میں سجے ان کے سہانے مستقبل کے خواب کو ہر پل ایک جھنجھنے کی جھنکار جیسے مسحور کن شور میں بدل کر اپنی تسکین کا سامان کر رہی ہو۔ بچوں کے ناشتے سے لے کر انہیں بیڈ تک پہنچانے تک ’ گوش رُبا ‘ شور کی یہ داستان ایک شاہکار تخلیق ہے جو کم و بیش ہر خوش قسمت گھر کی کہانی اور ہر قاری کے حسین ماضی کی انمٹ داستان بھی ہے ۔

    آپ کا روزمرہ کا یہ روٹین پڑھتے ہوئے میں بھی اپنے ماضی میں کچھ اسطرح کھو گیا کہ ماں جی کا وہ نان سٹاپ آوازوں پہ آوازیں اور سکول کی گھنٹی ، جو سکول کے شروع ہونے ، تفریح اور پھر چھٹی کے وقت ، کی مانوس آوازیں دونوں گڈ مڈ ہونا شروع ہوگئیں ۔ یا پھر مجھے اپنے بچوں کا بچپن شدت سے یاد آگیا جب میرا منجھلا بیٹا خود بیدار ہونے کے بعد اپنی بہن اور چھوٹے بھائی کا بستر میں ایک پل بھی ٹھہرنا حرام کر دیتا اور پھر خود جلدی جلدی تیار ہو کر ناشتہ وغیرہ کرکے باہر کوسٹر کا انتظار شروع کردیتا اور کوسٹر کے ایک میل دور سے ہی پھر دونوں کی مصیبت آجاتی کہ جلدی نکلو کوسٹر آچکی ہے ۔ اس کی یہ عادت ہمسایوں کو بھی بہت بھاتی تھی کہ وہ انہیں یعنی ان کے بچوں کو بھی الرٹ کر دیا کرتا تھا ۔ اب بھی ماشاء اللہ اس کی یہی عادت ہے کہ صبح سب سے پہلے بیدار ہونا ، تیار ہونا اور پھر دوسرے دونوں کا سونا حرام کر دینا ۔ ہم سبھی اسے بار بار یہی کہتے ہیں کہ سعد کتنا شور کرتے ہو لیکن چھٹی والے دن جب سعد دیر تک سوتا ہے تو یوں محسوس ہوتا جیسے آج دن ہی نہیں چڑھا ۔ اور بیگم صاحبہ کا، اور کبھی کبھی خود میرا بھی ، شور ذرا وکھری ٹائپ کا ہے ۔

    اللہ ہر گھر کو ایسا ہی مترنم اور حسیں شور نصیب کرے جس میں اس گھر کی خوشیاں ، امیدیں اور بہاریں چھپی ہوں ۔

    اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ ، آمین ۔

  23. زبردست ، ایسا لگا جیسے میرے گھر کی ہی بات ہو رہی ہو
    صبح جب میری بیگم صاحبزادے کو اٹھاتیں ہیں اور اسکے اسکول جانے تک ایک مسلسل بھنبھناہٹ (جسے آپنے شور کہا ہے) چلتی ہے
    اور ہم دبکے رہتے ہیں ، اور اسکے بعد پھر میری شامت آتی ہے ، ناشتے سے لیکر میڈیسن لینے تک ، مجال ہے جو کہیں پر فُل اسٹاپ آئے ۔ ۔ ۔

    ویسے ۔ ۔ ۔ یہ شور بہت اچھا ہے ، زندگی کی نشانی ہے ۔ ۔۔ اور اس بلاگ پر زندگی نظر آ رہی ہے ۔ ۔ ۔ آپ سب کو اللہ خوش رکھے آمین

  24. اس شور سے حیات میں حُسنِ حیات ہے
    ہے دن میں استحکام تو شب میں ثبات ہے
    پیدا ہوئے تو شور مریں گے تو شور ہے
    صفدر بتاؤ شور سے کس کو نجات ہے

  25. کیانی صاحب
    السلام علیکم
    اس تحریر کو پڑھنے کے لئے آپ کی ممنون ہوں. ایسا شور تو ہر گھر میں ہوتا ہے اس لئے یہ سطور تقریبا سبھی کو جانی پہچانی لگیں. بہت کم گھروں میں ایسا ہوتا ہے کہ میاں بیوی ایک ہی بات پر بولنا یا خاموش رہنا مناب سمجھتے ہوں چاہے کتنی بھی ذہنی ہم آہنگی کیوں نہ ہو. میں اکثر اُن لوگوں کی بات پر یقین نہیں کرتی جو کہتے ہیں کہ ہمارے ہاں اختلافِ رائے نہیں ہوتا یا تکرار نہیں ہوتی. اس کھٹی میٹھی تکرار میں بھی ایک مزا ہے اور اس شور کا اپنا ہی ایک لُطف ہے.
    والسلام
    زرقا

  26. اظہر بھائی
    السلام علیکم
    آپکی بیگم یقینا بہت سلجھی ہوئی خاتون ہیں کیونکہ معلوم ہوتا ہے وہ کہ اُن کا شور نسبتا بہت دھیما ہے.
    اللہ آپ کو شفا دے اور زندگی کی تماتر مسرتوں سے آشنا کرے
    والسلام
    زرقا

  27. محترم ھمدانی صاحب
    آپ کے خوبصورت کلام سے اس بلاگ کی رونق دوبالا ہوگئی ہے
    بے شک شور زندگی کی علامت ہے اور سناٹا موت کی
    والسلام
    زرقا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *