احساسات کی دنیا

زندگی عجیب ہے جب اس کی سمجھ آنے لگتی ہے تو وہ ہاتھ چھڑا کر جانے لگتی ہے … اس کا سرا جب جب ہاتھ آتا ہے ویسے ویسے دن سرکتے جاتے ہیں … میں شاید یہ کبھی بھی نہ سوچتی اور جو سوچتی تو شایداتنی سنجیدہ نہ ہوتی لیکن میں ہو رہی ہوں .. مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ میں حکومتوں کے آنے جانے کا غم کروں .. حکمرانوں کی بے حسی کو روؤں .. یمن … تیونس.. مصر .. بحرین .. لیبیا پر چھائی ویرانی کو اپنے دل سے محسوس کروں .. یا آج اس بات پر غم کروں کہ لیبیا کے مسلمانوں پر مسلمان ممالک نیٹو کے ساتھ مل کر انہیں نیست و نابود کریں گے .. .. مجھے نہیں سمجھ آتی کہ میں اپنی بیٹی کو کیا جواب دوں کہ کیوں ہر طرف بربادی ہو رہی ہے …کیا بتاؤں کیوں میں آج اداس و پر ملال ہوں … درد جب سوا لگتا ہے جب اپنے دل میں ہوتا ہے .. دھواں تب دیکھائی دیتا ہے جب اپنے گھر سے اٹھتا ہے .. بربادی کا نوحہ وہی روتا ہے جن کے گھر برباد ہوتے ہیں .. ہم کسی غمزدہ کے دکھ اور اس کی مایوسی کو کسی پیمانے سے نہیں ناپ سکتے …

مجھے شاید اس احساس سے گزرنا تھا .. یا قدرت نے مجھے کسی کڑے امتحان کے لئے چن لیا تھا … 22 مارچ کا دن .. دوپہر کے وقت ڈھائی بجے میری ڈیوٹی ایمرجنسی میں تھی … میری عادت ہے .. اپنا موبائل جہاں سنوں وہی رکھ دینا .. اپنے پرس کو جہاں رکھوں وہی بھول جانا ..سوچتے سوچتے کھانا بھول جانا .. اور کھاتے ہوئے سوچنا بھول جانا .. مجھے بھول جانے کی بیماری ہے کہ یا بھول جانے کی کوشش میں بھولتے رہنے کی عادت .. مجھے کبھی سمجھ نہیں آیا…

اس دوپہر کو بھی میرا موبائل مجھے بڑی کوششوں سے مل پایا تھا ..فون پر میری عزیز دوست نرمین اسماعیل تھی .. وہ لیور پول سے میٹنگ اٹینڈ کر کے وارڈ میں ابھی پہنچی ہی تھی.. اس کی آواز بتا رہی تھی کہ وہ نڈھال ہو رہی ہے اور اس کی آواز اس کا ساتھ نہیں دے پارہی … وہ کہہ رہی تھی کہ اسے شائد نروس بریک ڈاؤن ہوا ہے .. دل کی دھڑکنیں اس کا ساتھ نہیں دے رہی .. اگر میں اسے اینڈرال دوا دے سکوں …

کیا ہوا نرمین سب خیر ہے نہ … میں نے گھبر اکر پوچھا اور مجھے اس نے سب ٹھیک ہے کہہ کر تسلی دے دی .. مجھے نرمین کی تسلیاں کبھی اچھی نہیں لگیں … بس اسے ہر مقام پر صرف تسلی دینی ہوتی ہے … وہ مصری تین بچوں کی ماں .. سر سے پیر تک محب وطن سے زیادہ محب اسلام ہے .. اسے لگتا ہے کہ ہر مسلمان ایک مشن پر ہے اور اپنے اپنے مشن پر دیس بدیس ڈیوٹیاں دے رہے ہیں .. ہم اپنے ملک کے نہیں اسلام کے سفیر ہیں .. ہمیں ہر حالت میں کامیاب ہونا ہے .. مسلم حکمران جلد جان لیں گے کہ ہماری بقا مل کر رہنے میں ہے ..اسرائیل ، امریکہ سے زیادہ مسلمان ایک دوسرے کے دشمن ہیں .. اور یہ بھی ایک سازش ہے .. ہمیں ان سازشوں کو سمجھنا ہو گا .. ہمیں اپنے ملکوں میں غیرمسلموں کو ان کے حقوق دینے ہونگے جیسے یہ ہمیں اپنے ملکوں میں دیتے ہیں …..

پھر ہر بات کے ساتھ انشاللہ جیسے اس کا تکیہ کلام ہے … آندھی آئے طوفان گزر جائیں …جہاں ہو جس جگہ ہو اسے کوئی نماز قضا نہیں کرنی … مسکرانا جیسے سانس لینے کی طرح اس کی عادت میں شامل ہے … ایک اور اس کی بات جو مجھے سات برسوں سے دوستی میں جکڑے ہوئے ہے وہ اس کی ” شکوہ نہ کرنے کی عادت ” ہے … اس کے پاس جانے کیوں ہر کسی کو شرمندگی سے بچانے کے لئے ہزاروں جواز ہوتے ہیں .. مجھے اب بھی یہی کہہ رہی تھی کہ اگرتم دوا لا سکتی ہو تو پلیزمجھے پہنچا دو …یا جب وقت ملے …

اور میں دوسرے منٹ پر اس کے سامنے کھڑی تھی .. وہ حسب معمول ہنس رہی تھی .. اور ہنستے ہوئے پوچھا کیا تم ” جن ” ہو .. اور اس نے اپناہاتھ میرے آگے کر دیا .. میری انگلیاں اس کی نبضوں پر جیسے کانپ سی گیئں .. وہ ڈوب رہی تھیں .. اور نرمین پسینے میں … اس کی سانسیں میرے بازؤں میں اکھڑنے لگی تھیں .. مجھے یوں لگا جیسے اندھیرا ہونے کو ہے …. نرمین نرمین .. اٹھو میرے ساتھ چلو.. اس نے تھکی تھکی آنکھوں سے مجھے دیکھا .. اور مسکرا دی .. تمہیں وہم ہوا ہے .. میں ٹھیک ہوں .. تم جاؤ اپنے کام پر ..مریض انتظار کر رہے ہونگے ..

میں تمہیں لئے بغیر نہیں جاؤں گی .. میری بے چینی بڑھ رہی تھی … پلیز میرے ساتھ چلو چاہے میرے سامنے بیٹھی رہنا .. مجھے کم از کم بلڈ پریشر ہی لینے دو … میں نے انتہائی اصرار سے سے اٹھا کر گاڑی تک لائی … وہ مسلسل مجھے کہہ رہی تھی ” آئی ایم فائن ” .. تم کو پریشان ہونے کا شوق ہے … اور میں نے اسے ڈانٹ دیا تھا .. ایمرجنسی پہنچتے تک اس کارنگ سلیٹی ہو چکا تھا اور میری آنکھوں کے سامنے اندھیریاں چل پڑی تھی …

ایمرجنسی میں شور مچ چکا تھا … نرمین کو انتہائی نگہداشت میں لے جایا جا چکا تھا .. اس کی نبضیں اب 220 کی رفتار سے دوڑ رہی تھی اور آکسیجن اس کا ساتھ نہ دے پارہی تھی .. میں اس کے سرہانے کھڑی جیسی کسی بھیانک خواب سے جاگنے کی منتظر تھی … آکسیجن ماسک میں چھپے اس کے ہونٹ مسلسل مسکرا رہے تھے .. اس کی آنکھیں جب بھی کھلتی زندگی کی پیغام دیتی اور میں ایک نیا حوصلہ جمع کر لیتی … میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ہزاروں مریضوں کی تشخیص کرنے والی ڈاکڑ آج اپنی دوست کے مرض کو سمجھ ہی نہ پائےگی ..مجھے معاف کر دینا میری دوست … میں نم آنکھوں سے نرمین کو دیکھے جا رہی تھی .. کیسے … بھلا کیونکر … میرے مالک کیسے ..؟

صرف ایک پل میں وہ مسیحا سے مریضہ ہو گئی تھی … اس کے خوبصورت کپڑے ہوسپٹل گاؤن میں بدل چکے تھے … اسکارف کی جگہ ہوسپٹل کیپ جسے وہ ہوش آنے پر بار بار درست کرتی جاتی تھی .. ..ہاں آج اس کی عصر نماز قضاہو چکی تھی .. اس کی آنکھوں کی چمک گھڑی دیکھتے ہی معدوم ہو گئی تھی … نبضیں اب بھی کسی کے قابو میں نہیں آرہی تھیں .. میں اس کا ہاتھ پکڑے ایسے بیٹھی تھی جیسے میں ا سکی نبضوں کو منا لوں گی … آخر کو وہ میری بہت سچی دوست ہے .. اس نے مجھے ہر مشکل وقت میں دلاسہ دیا ہے .. میری کئی ڈیوٹیاں کی ہیں .. مجھے کئی بار اپنے نوٹس دیئے ہیں .. کئی بار میرے غصے کو ٹھنڈا کیا ہے .. کئی بار مجھے نمازوں کی تلقین کی ہے … مجھے ہر بار یقین دلایا ہے کہ میں اس کی سب سے اچھی دوست ہوں .. ایسی دوست جس پر وہ بھروسہ کر سکتی ہے …

اس کا مجھ پر حق تھا اور آج بھی اتنا ہے کہ میں اس کی نبضوں کو اپنے اللہ کریم سے واپس مانگ لوں … میں اپنے ماں باپ کی اکلوتی بیٹی کی زندگی کی بھیک اپنے مولا سے مانگ لوں … اتنی بے لوث محب اسلام کو اس دنیا میں جینے کی اجازت ملنی ہی چاہئے .. اس کی ضد کر لوں … تین معصوم بچوں کی ماں کو اس کے بچوں کے پاس رہنا چاہئے اپنے رب کو کسی طرح سے منا لوں … مجھے میری دوست واپس کر دے مالک .. مجھے تنہا مت کر .. پلیز ایسا نہ کرنا میرے مالک .. میں کیا کروں .. میری بےقراری اس کی ادھ کھلی آنکھیں دیکھ رہی تھیں .. اس نے میرے ہاتھ کو اپنے ہونٹوں سے لگا لیا … بڑی محبت سے بولی ” جس کے دوست اتنے وفادار ہوں بھلا وہ کیسے مر سکتے ہیں ” ..اور مسکرا دی ..

نرمین کے ٹیسٹ ہو چکے تھے .. اسے جان لیوا ہارٹ اٹیک ہوا تھا .. سب حیران تھے .. شاکڈ .. نمب … یوں لگاجیسے ہم سب چپ ہو گئے تھے … یا پھر گونگے … اگلے 24 گھنتے انتہائی خطرناک تھے .. دوسرے اٹیک کا خطرہ .. پہلے اٹیک کے اثرات … کیا ہوگا … ایسے میں نرمین کی آواز نے مجھے چونکا دیا ” مجھے وضو کرناہے ..نماز کا وقت جا رہا ہے ” … میں نے اسے دیکھا ماسک کے اندر درخواست کرتے لب ہل رہے تھے .. سانسوں کی نمی ماسک پر دھندلاہٹ بن کر چھا رہی تھی .. اور اس دھند کے پیچھے میری دوست کی زندگی آہستہ آہستہ سانس لے رہی تھی . ..

کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر نیون کہہ رہے تھے کہ نرمین اب خطرے سے باہر آرہی ہے .. .. اور میرا دل کہہ رہا تھا کہ نرمین خطرے سے باہر آ چکی ہے ..میں نے کرسی کی پشت سے سر ٹیک دیا … آنکھیں جیسے شدید تھکن سے جل رہی تھیں … دل رو رو کر نڈھال سا تھا … اور میں سوچ رہی ہوں کہ درد جب سوا لگتا ہے جب اپنے دل میں ہوتاہے .. دھواں تب دیکھائی دیتا ہے جب اپنے گھر سے اٹھتا ہے .. بربادی کا نوحہ وہی روتا ہے جن کے گھر برباد ہوجاتے ہیں .. ہم کسی غمزدہ کے دکھ اور اس کی مایوسی کو کسی پیمانے سے نہیں ناپ سکتے …!

39 thoughts on “احساسات کی دنیا”

  1. میں سوچ رہی ہوں کہ درد جب سوا لگتا ہے جب اپنے دل میں ہوتاہے .. دھواں تب دیکھائی دیتا ہے جب اپنے گھر سے اٹھتا ہے .. بربادی کا نوحہ وہی روتا ہے جن کے گھر برباد ہوجاتے ہیں .. ہم کسی غمزدہ کے دکھ اور اس کی مایوسی کو کسی پیمانے سے نہیں ناپ سکتے …!………..
    اس پر کون تبصرہ کر پائے گا.
    کون لکھے گا اس سے آگے کچھ
    کون ہے جو اس طرح سانسوں کی رفتار کو سُن اور محسوس کر سکے
    کون ہے جسکا دل ہر کسی کے دکھ پر روئے
    کون ہے جو صرف اپنوں کی ہی نہیں اجنبی لوگوں کی تکلیف پر بھی بلبلا اٹھے
    کون ہے جو ایسے ایسے کی مالی مدد بھی کرے جسکو اپنے چھوڑ جائیں
    کون ہے جسکے قلم کو اپنے اور غیروں کے دکھ ایک ہی شدت سے لکھنے آتے ہوں
    ڈاکٹر نگہت صاحبہ یہ سب میرے مولا کی عطا ہے.بس ماں باپ کی دعائیں ہیں.نیکیوں کا پھل ہے اور فکری نعمت کے ساتھ ساتھ زمین پر ہی جنت ہے.
    مجھ سمیت نہ جانے کتنے لوگ آپکے لیئے دعا گو ہیں کہ دعا مومن کے لیئے ڈھال ہوتی ہے نا.

  2. میں اپنے رب کے سامنے اشکبار ہوں جس نے مجھے آپ کی نظر میں معتبر کیا … بے شک آپ کی دعا میری خوش نصیبی ہے بابا.. اللہ پاک آپ کو سلامتی اورصحت عطا فرمائے اور میں تاحیات آپ کی راہنمائی میں اپنا سفر جاری رکھوں .. آمین ثمہ آمین

  3. جب کوئی آپ کے دل کی آواز کو آپ سے بہتر الفاظ میں دوسروں تک پہنچا دے تو واقعی تبصرے کی گنجائش نہیں رھتی آپکی تحریر آپکی
    ذات کی خوبصورتی بیان کرتی نظر آتی ھے خدا سے آپکی صحت و سلامتی کے لیئے دعا گو ھوں

  4. زندگی کے کئ پہلوؤں کا احاطہ کرنے والی اس تحریر نے حقیقت میں اندر سے ضمیر کو جھنجھوڑ ڈالا ہے ،اللہ تعالٰی تمھارے قلم کو اور روانی عطا کرے آمین
    دعاگو
    بجّو

  5. نگہت بہن

    آپ Spirituality کی دولت سے مالا مال ہیں اور یہ وہ دولت ہے جو بڑے بڑے حوادث سے دو چار انسان کو سہارا دیتی ہے۔ آپ اتحادِ بین المسلمین کی داعی ہیں۔ یہ دکھ کچھ عرصہ میں دور ہوجائے۔ لیکن میں ایسے ڈاکٹر کو دیکھ کر بیحد مغموم ہوجاتا ہوں جو کسی مہلک مرض کا شکار ہوجائے۔ جس شخص نے ساری عمر دوسروں کی جان بچانے میں گذاری ہوتی ہے اسکو اس طرح بے بس دیکھ کر دل حون کے آنسو روتا ہے۔ غمِ حسین سارے غموں کا بہترین علاج ہے۔

    پتھر کے جگر والو غم میں وہ روانی ہے
    خود راہ بنا لے گا بہتا ہوا پانی ہے

  6. انسان کی زندگی نشیب و فراز سے بھری پڑی ہے۔ لیکن خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو زندگی کی ہر مشکل میں اپنے مالک سے اپنا رابطہ نہیں ٹوٹنے دیتے۔ نرمین کی نماز کی طرف توجہ اور آپ کی دعائیں اس بات کی عکاس ہیں کہ آپ دونوں کسی خدائے افلاک سے نہیں مانگ رہی تھیں بلکہ اس سے ہمکلام تھیں جو شہ رگ سے بھی قریب تر ہے۔ سو جب اسکو اپنے ارد گرد محسوس کر کے اس سے مانگا تو اس نے سن بھی لی اور مشکل کی گھڑی ٹال دی۔
    دعا ہے کہ خدا آپ کو کسی امتحان میں مبتلا نہ کرے اور ہمیشہ اپنی نصرت اور اعانت کے سائے تلے شاد و آباد رکھے۔ آمین۔
    انسانی موضوعات خاص طور پر حساس موضوعات پر خدا نے آپ کو ملکہ دیا ہے۔ آپ کی تحریریں در اصل آپ کے دل کی عکاس ہوتی ہیں، جو ہمیشہ دوسروں کی مدد کے لئے آمادہ اور پرائے دکھ سہنے کو تیار رہتا ہے۔ ۔۔۔۔ ؎ درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو۔۔۔۔۔سو آپ یہ فریضہ نبھا رہی ہیں۔ جیتی رہیئے سدا خوشیوں کے ساتھ۔ خدا آپ کے قلم کو مزید قوت دے۔ آمین۔

  7. میں آپ سب کی نام بنام شکر گزار ہوں کہ آپ نے میری تکلیف کو اپنا سمجھا ..اور اس مشکل وقت میں میری ڈھارس بندھائی … سلامت رہیں ..دلداری بھی تو نماز کی طرح ہوتی ہے جو وقت پر ادا نہ ہو تو قضا ہو جاتی ہے ..

  8. مصباح بھائی میں جب جب قلم اٹھاؤں گی مجھے آپ کی بات یا د رہے گی …. میری خوش نصیبی ہے کہ آپ نے مجھے اتنا مان دیا ہے .. اللہ کریم سے دعا کرتی ہوں کہ مجھے اپنے بھائی کے سامنے سرخرو رکھے .. ہمیشہ دعا کرتی ہوں کہ آپ اور آپ کے اہل خانہ ہنستے بستے رہیں ..آمین

  9. ظفر بھائی آپ بہت اچھے ہیں .. مجھے آپ کے اور ثریا بھابھی کے حالیہ نقصان کا بے حد افسوس ہے ..آپ نے میرے دل کی بات سمجھ لی کہ یہ انتہائی مشکل ہے اپنے کسی دوست کو مریض کی حالت میں دیکھنا .. دوست بھی وہ جو ہزاروں کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہو .. ..آپ نے کتنا اچھا لکھا کہ غمِ حسین سارے غموں کا بہترین علاج ہے۔ بیشک ہمارے صبر کا نصاب انہی کے در سے شروع ہوتا ہے ..

  10. فاطمہ میری پیاری بہن .. مجھے آپ کا یہاں ہونا کتنی خوشی دیتا ہے یہ آپ سوچ بھی نہیں سکتی .. کجا تو یہ کہ آپ کی طرف سے اتنی بے لوث دعاؤں کا مل جانا .. شکر گزاری کے لئے بھی لفظ نہیں مل رہے .. سلامت رہیں ..

  11. زائری بجو دعاؤں کے لئے ہمیشہ ممنون رہوں گی .. آپ کی وجہ سے ہم سب کو بہت ڈھارس رہتی ہے .. .. آپ کے کمپیوٹر کا مسلہ حل ہوا کہ نہیں .. اللہ کریم ہم سب کی ہر مشکل کو اپنے فضل سے ٹال دے .. اور ہم سب کو صحت و تندرستی خوشیاں عطا کرے ..آمین

  12. بہن نگہت میں ہمیشہ بلاگ میں آتے آتے لیٹ ہو جاتا ہوں ۔ اس مرتبہ بھی لیٹ شامل ہو رہا ہوں وجہ یہ ہے کہ کام بہت ہیں اور وقت کم پھر اوپر سے ضعیفی۔ میں پتہ نہیں کہ کب تک رہوں مگر میرا یہ قطعہ تمارے پاس انشا اللہ ہمیشہ رہے گا جس میں میں نے تمہا رے بارےمیں اپنے دلی جذبات پیش کر دیئے ہیں ۔
    میری بہن نگہت۔۔۔ازشمس جیلانی
    اپنے ہوں یا کہ غیر ہوں غم خوار ہے نگہت
    اس کی رضا کی چونکہ طلب گار ہے نگہت
    باتوں کے ساتھ ساتھ اک کردار ہے نگہت
    انسا نیت کی آبرو ، دستار ہے نگہت

  13. میرے انتہائی محترم میرے بہت ہی عزیز اور میرے پیارے بڑے بھائی شمس جیلانی .. جن کی ذات میرا مان میر احوصلہ ہے .. جن کے ہونے سے میرا سکون میرے ساتھ رہتا ہے .. بھائی وینکوور سے باہر ہوتے ہیں تو میری آنکھیں نیٹ سے جڑ جاتی ہیں اور دل بس ایک ہی آ رزو میں ان کی میل آئی ہو گی … جب پاس ہوتے ہیں تو میں سکون سے بھول جاتی ہوں .. پھر میرے بھائی مجھے فون کر کے یاد کرواتے ہیں کہ کہاں ہو .. کئی بار سوچتی ہوں کہ شمس بھائی کی وجہ سے مجھے یا دکرنا پڑتا ہے کہ میں کہاں ہوں … آج آپ نے میرے لئے قطعہ لکھ کر مجھے دنیا کی امیر ترین بہن بنا دیا ہے .. بھائی آپ کو میری عمر لگے .. دنیا کی گرم سرد ہوا سے میرا رب آپ کو اپنی خاص حفاظت میں رکھے .. آپ نے میری تعریف نہیں بلکہ اپنی تعریف لکھی ہے .. بھائی میں اشکبار ہوں .. بس آپ یوں سمجھئے کہ آپ کی چھوٹی بہن خوشی سے آپ کے سامنے رو رہی ہے اور آپ کا دست شفقت میرے سر پر ہے … بس شمس بھائی میری قبر پر یہی قطعہ لکھا جائے گا .. میرے بھائی کا تحفہ ہی میری قبر پر سجے گا …. کوئی ہے مجھ سا خوش نصیب جسے زندگی ہی میں ہی اس کا پاک رب ایسا بھائی عطا کر دے جس کی دنیا بھی جنت ہو اورآخرت کے لئے بھی جنت ہی کی تیاری کرتا ہو …جگ جگ جئے میرا بھائی … …

  14. پیاری آپی مولا (ع) آپ کو اور آپ کی دوست کو سلامت رکھیں
    بجا فرمایا آپ نے کہ
    ”ہم کسی غمزدہ کے دکھ اور اس کی مایوسی کو کسی پیمانے سے نہیں ناپ سکتے“

    جناب محترم صفدر ھمدانی ، مصباح بھائی اور محترم شمس جیلانی صاحب کے تبصروں کے بعد کچھ کہنے کو نہیں رہا
    ھم بہت مختصر سے وقت میں آپ کی عظمت کے قائل ہو گئے ہیں ، اور بابا جی نے بلکل درست فرمایا ہے کہ نجانے کتنے لوگ اور کہاں کہاں سے آپ کے لیے دعا گو ہیں اور دعا مومن کی ڈھال ہے ، دعا سے تقدیریں بدل جاتی ہیں
    خاص کر جب ایک مسیحا دوسرے مسیحا کے لیئے دعا کرے تو رب العزت بیمارِ کربلا (ع) کے صدقے میں اس مریض کو شفاُ عطا فرمادیتا ہے

    پرودگار آپ کی نیک توفیقات میں اضافہ فرمائے اور بی بی سیدہ سلام اللہ علیٰہ آپ کو اپنے سائے میں رکھیں آمین

    محترم شمس صاحب سے معذرت کے ساتھ معمولی ترمیم کے ساتھ ان کا قطعہ دھرا رہے ہیں
    ————————————————-
    اپنے ہوں یا کہ غیر ہوں غم خوار ہے نگہت
    عزم و عمل کی پیکر، اک کردار ہے نگہت
    رب کی رضاکی چونکہ طلب گار ہے نگہت
    انسا نیت کی آبرو ، دستار ہے نگہت

    والسلام

  15. صد احثرام متحرم جناب شمس جیلانی صاحب

    اِسلام علیکم براہ راست پہلی دفعہ آپ سے مخاطب ھوں آپ کی ذات صفدر ھمدانی کی ذات اور نگھت
    نسیم صاحبہ کی سبپہ محبت نچھاور کرتی ھوئی با کمال شخصیت عالمی اخبار کا سرمایہ ھیں خدا وند کریم آپکو عمر خضر عطا فرمائے اور بہترین صحت و تندرستی عطا فرمائے آمین ثمہ آمین آپ جیسی مہربان شفیق ہستیاں جن کے جذبوں کی سچائی نکہت گل کی طرح پرواز کرتی اور سبکو مہکاتی ھے بہت ساری دعائیں آپ سب کیلئے

  16. السلام علیکم
    نگہت جی اللہ تعالیِ آپ کی دوست کو صحتیاب کرے ۔
    اللہ تعالی کی مصلھت کو ہم انسان نہیں سمجھ سکتے۔ میں اکثر سوچتی ہوں کہ کچھ مریض سالہا سال بستر پر اپنی مشکل آسان ہونے کی دُعا کرتے ہیں اور اُن کے لواحقین بھی اُن کی تکلیف دیکھتے ہوئے اللہ سے رحم کی دُعا مانگتے ہیں مگر اُن کی مشکل آسان نہیں ہوتی۔ دوسری جانب موت کئی بار ایسے جوان صحتمند لوگوں کو لے جاتی ہے جو اپنے کنبوں کے کفیل ہوتے ہیں جن کو ابھی کئی ذمہ داریاں نبھانی ہوتی ہیں۔ پھر سوچتی ہوں کہ اتنی بڑی کائنات میں ایک انسان یا اُس کے کُنبے کی کیا اہمیت ہے۔ انسان اپنی پچاس ساٹھ سالہ ممکنہ زندگی کے حساب سے منصوبے بناتا ہے
    اللہ تعالی تو ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا وہ سب سے بڑا منصوبہ ساز ہے اس کے منصوبوں میں ہماری حیثیت کیا ہوگی؟؟
    دُعا کرنے والا دل مطمئن رہتا ہے کیونکہ یہ شاید ہماری تسکین کے لئے ہے ۔
    والسلام
    زرقا

  17. بہت پیاری بہن اور بہت عزيز غمگسار مہرباں دوست ڈاکٹر نگہت نسیم ۔سلامت رھو،اللہ پاک تم کو ھمیشہ اپنے حفظ واماں میں رکھے ۔ میری عمر بھی تم لگ جاۓ ۔ ۔کوئ غم کبھی تمھارے قریب نہ آے ۔ مولا تم کو ھر مصیبت اور آفات سے محفوظ رکھے اور میرا رب تمھارے ھاتھوں میں ایسی تاثیر پیدا کردے کہ تھمارے پاس آنے والا ھر مریض شفایاب ھو اور لمبی عمر پاۓ اور ھر قسم کے ذھنی اور جسمانی عوارض سے نجات پاۓ آمین ثم امین

    قلم بھی تمھارے ھاتھوں میں آکر موم ھوجاتا ھے جس شکل میں بھی ڈھالوں ڈھل جاتا ھے اور یہ ھنرھر کسی کو کب آتا ھے یہ مولاۓ کائنات کی عطاۓ خاص ھے تم کو تحصیل علم کا جنون ھے اور انشا اللہ تم اپنی انسانی ۔روحانی ۔اور طبی خدمات کے عوض نوبل پرائز کی حقدار بنوگی ، اورگینز بک میں بھی تمھارا نام آے گا ، انشا اللہ باذن اللہ

    احساسات کی دنیا کے نشیب وفراز ،نادیدہ رنگ حیات بھی تو صرف حساس اھل دل ھی رقم کرپاتے ھیں ھم سب بھی اس یاس انگیز کیفیت سےگذرے اور یہی ایک سچے اور اعلی پاۓ کے قلم کار کا کمال ھے ۔یہ تو صرف تمھارا ھی وصف ھے کہ ھر ایک کے کام آتی ھو۔ چاھے وہ اپنا ھو یا غیر ۔ ھر ایک کی دعاوں میں رھتی ھو۔ سب کی بھلائ کا سوچتی ھو، اور نیکی کے کاموں میں سبقت لے جاتی ھو۔ اللہ پاک تم کو جزاۓ خیر عطا فرماۓ آمین ثم امین

    تمھارے اس بہت قیمتی جملے نے انکھوں کو نم کردیا۔
    ..دلداری بھی تو نماز کی طرح ہوتی ہے جو وقت پر ادا نہ ہو تو قضا ہو جاتی ہے ..

    اور پیرو مرشد محترم المقام صفدر ھمدانی صاحب کے لکھی ان سطروں سے تم کو خراج تحسین پیش کرتی ھوں

    کون ہے جو اس طرح سانسوں کی رفتار کو سُن اور محسوس کر سکے
    کون ہے جسکا دل ہر کسی کے دکھ پر روئے
    کون ہے جو صرف اپنوں کی ہی نہیں اجنبی لوگوں کی تکلیف پر بھی بلبلا اٹھے
    کون ہے جو ایسے ایسے کی مالی مدد بھی کرے جسکو اپنے چھوڑ جائیں
    کون ہے جسکے قلم کو اپنے اور غیروں کے دکھ ایک ہی شدت سے لکھنے آتے ہوں
    ڈاکٹر نگہت صاحبہ یہ سب میرے مولا کی عطا ہے.بس ماں باپ کی دعائیں ہیں.نیکیوں کا پھل ہے اور فکری نعمت کے ساتھ ساتھ زمین پر ہی جنت ہے.
    مجھ سمیت نہ جانے کتنے لوگ آپکے لیئے دعا گو ہیں کہ دعا مومن کے لیئے ڈھال ہوتی ہے نا.

  18. میری بہن تو سرتاپا محبت ہے بلکہ محبت کی سیسموگراف ہے ، زلزلے کا مرکز کہیں بھی ہو اسے پتہ ہوتا ہے کہ کس کو کتنا جھٹکا لگا ہے ۔ ۔ ۔ اللہ آپکو خوشیاں دے آمین

  19. میں آپ سب کی بے لوث محبتوں پر اللہ پاک سے دعا گو ہوں کہ ہماری بلاگ فیملی کو اپنے حفظ واماں یں رکھے .. آمین

  20. جعفر بھائی آپ کی شفقت کے لئے مننون ہوں …. آپ کی اتنی پرخلوص دعا پر آمین ثمہ آمین

  21. فاطمہ آپ کی دعاؤں کے لئے بہت بہت شکریہ … اللہ کریم ہمارے ہر سرپرست کو تاحیات ہم پر سلامت رکھے .. آمین

  22. زرقا تمہارے مرحوم ڈبو نے میری جان لینے کی تیاری کر رکھی تھی .. وہ تو تمہاری بروقت اطلاع نے ہم سب کو نئی زندگی دی … شاہین کو تو خبط ہے کوئی ایسی خبر ملے اور وہ مصلہ سنبھال لے .. منت مان لے اور کوئی ھزاروں آنسو بغیر تفتیش کے بہا دے … کئی باتیں میں اسے اسی لئے ہی نہیں بتاتی کہ راتوں کو اتھ اٹھ کر روئے گی … سو شکر تمہاری واپسی ہوئی … ہاں تمہاری بات بلکل سچ ہے اللہ کی مصلحتیں وہی جانے … لیکن ایک بات کہوں میرے ہاتھوں میں کئی بارمیرے مریضوں کی نبضیں ڈوبی ہیں لیکن نرمین کی نبضوں کا اپنے ہاتھوں سے پھسلنا مجھے اس وقت بھی سوتے میں سے اٹھا دیتا ہے … اپنی دعاؤں میں یاد رکھنا ..

  23. اظہرمیرے ویر بس خوش و خوشحال رہو .. تمہارے یہ جملے میرے لئے کسی سند سے کم نہیں … بس میں اب اشکبارہوں .. جیتے رہو ..

  24. ڈاکتر نرمین اسماعیل کے دل کا آپریشن پیر28 مارچ کو ہو رہا ہے .. آپ سب سے کامیاب آپریشن کی لئے دعا کی درخواست ہے … اللہ کریم ہم سب کی دعاؤں میں تاثیر عطا کرے اور ہماری التجائیں نرمین کے حق میں قبول فرما لے …آمین

  25. شاہین کیا کہوں تمہارے لئے …محبت کا سمندر ہو کہ آسمان .. .. بس میرے لئے سائیبان ہو … سلامت رہو …

  26. اللہ نے نرمین اسمٰعیل صاحبہ کو ( جن کا تعلق مصر سے ہو اور وہ تین بچوں کی ماں بھی ہیں اور با ضابطگی سے اسلام کے احکامات کی پابندی بھی کرتی ہیں ) عین وقت پر ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ جیسی فرشتہ سیرت اور انتہائی مخلص و ہمدرد دوست کے قریب پہنچا دیا کہ وہ نرمین اسمٰعیل صاحبہ کی زندگی بچانے کے لیے ایک ذریعہ اور وسیلہ بن جائیں۔ : ماشااللہ ، جزا ک اللہ
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    اللہ سے دعا ہے کہ اللہ اسی طرح ہر مستحق کی جان بچاتا رہے۔ آمین
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    اب ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی اطلاع کے مطابق نرمین اسمعٰیل صاحبہ کے دل کا آپریشن 28 مارچ کو ہونے والا ہے ۔
    ہماری دلی دعا ہے کہ انکا آپریشن کامیاب ہو جائے تاکہ انکے تین بچے انکی شفقت اور محبت سے ایک غیر معینہ مدت تک فیض حاصل کرتے رہیں ۔ آمین
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    اگر محترمہ سیدہ زائرہ عابدی صاحبہ میرے اس تبصرے کو پڑھ رہی ہیں تو میں ان سے گذارش کرونگا کہ وہ دل کے آپریشن کی کامیابی کے لیے کوئی دعا اور روحانی نسخہ تجویز کریں تاکہ نرمین اسمٰعیل صاحبہ اس کو استعمال کرسکیں ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    میری چھوٹی بہنوں کی تجویز ہےکہ وہ آپریشن سےپہلے قرآن کے یہ حروف مقطعات پڑھیں:

    کھٰیٰعص

    حٰم
    عسق

    اس کے بعد یہ پڑھیں :
    فسیکفیکھُم اللہ و ھوا لسّمیع العلیم

    چونکہ نرمین اسٰمعیل صاحبہ عربی سےاور خاص طور پر قرآن مجید کی آیات سے واقف ہیں اس لیے وہ ضرور میری بہنوں کی بات کا مطلب سمجھ جائینگے ۔

    ( آج سے اٹھارہ سال پہلے ڈلس میں میرے دل کے آپریشن سے پہلے میرے چھوٹے بھائی مسعود قاضی نے مجھ سے یہ قرآنی الفاظ پڑھوائےتھے ۔ )

    اللہ نرمین اسمٰعیل صاحبہ کا آپریشن ہر لحاظ سے کامیاب کرے : آمین

    فقط:
    خیر اندیش
    منظور قاضی
    جرمنی سے

  27. ًمنظور بھائی آپ کی دلی مشکورہوں آپ نے اتنا مخلص تبصرہ لکھا …. آپ کی نیک خواہشات اور دعایں بس انہی دعاؤں پر ہی بھروسہ ہے .. میں پوری کوشش کرونگی کہ قران پاک کے یہ معجزاتی الفاط نرمین سے پڑھوا سکوں …. انشاللہ
    سلامت رہیں بھائی .. اور دعاؤں میں ہم سب کو ید رکھے گا …

  28. اسلام علیکم ساتھیو اور پیاری بہن نگہت اللہ تمہیں ہمیشہ خوش رکھے ۔
    دیر سے آنے کی معزرت ۔سب سے پہلے نرمیں کے لئے صحت کی دعا کرتی ہوں اللہ رب العزت اسے ذندگی اور صحت عطا کرے اور وہ اپنے بچوں کے ساتھ ہنسی خوشی ذندگی گزارین آمین ثمہ آمین
    پیاری بہن تم نے جو کچھ لکھا وہ بس تم ہی لکھ سکتی تھیں ۔یہ حقیقت ہے کہ اب دکھوں کے پیمانے اتنے لبریز ہوگئے ہیں کہ اچھا خاصہ سمجھدار انسان بھی اپنی سوجھ بوجھ کھوتا نظر آتا ہے سوائے ان کے جن کے دل اپنے اللہ کی رحمتوں سے مایوس نہیں ہوتے کہ فرماتا ہے پروردگار جس کا مفہوم ہے کہ اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو ۔۔اور شاید یہ بات ہی ہم سب کے دلوں میں راسخ ہے جو ہمیں ہر طوفان سے نکال لے جاتی ہے ۔
    اللہ تمہاری تحریروں کو اسی طرح جگمگا تا رکھے اور تم یونہی چمکتی رہو ۔
    اللہ تمام بیماروں کو صحت اور تندرستی عطا فر مائے آمین
    عالم آرا

  29. بہن نگہت، بھائی جعفر حسین اوربہن ابرار فاطمہاسلام علیکم ورحمہ
    بہن نگہت! خدانہ کرے کہ آپ کے مزار پر یہ کتبہ لگے بلکہ میری دعا ہے کہ تمہیں اللہ عمر خضر عطا کرے اور کوئی اس سے بہتر کلام کہے اور وہ زینت بنے آمین۔میں یہ تو نہیں کہونگا کہ میری عمر تمہیں لگ جا ئے اس کی دو وجو ہات ہیں۔ایک تو یہ کہ میری عمر اب بچی کتنی ہے ؟ دوسرےیہ بات لوگ کہتے تو ہیں ،مگر مجھے یہ کہتے ہو ئے ڈر لگتا ہے کہ میں کہیں اللہ سبحانہ تعالیٰ کے دربار میں گستاخی تو نہیں کر رہا ہوں کہ وہ تو قادر مطلق ہےکہیں یہ اس کی قدرت کا انکار تو نہیں ہیں ۔چونکہ تم مسلسل خدمتِ خلق میں مصروف لہذا فیض رساں ہو نے کی بنا پر قبر نہیں بلکہ انشا اللہ مزار کی مستحق ہوگی۔ کیونکہ اللہ سبحانہ تعالیٰ نے یہ گا رنٹی دی ہو ئی ہے کہ“ جو چیز انسانوں کو فا ئد پہونچاتی ہووہ قیامت تک قائم رہے گی“باقی رہا میں وہ تو تمہاری محبت ہے اور محبت میں غلو ہوتا ہے ورنہ میں جانتا ہوں کہ میں کچھ بھی نہیں ہوں؟
    اب بھائی جعفر حسین صا حب۔ مجھےآپ کی ترمیم پر کوئی اعتراض نہیں ۔لیکن اس مصرع میں جو بات میں نے کہی ہےاس سے بہن نگہت ہی لطف اندوز ہو سکتی ہیں ۔چلیئے آپ کو بھی بتا دیتا ہوں وہ یہ کلیہ ہے کہ جو لوگ با تیں زیادہ کرتے ہیں وہ کام کرتے ہیں مگر بہن نگہت انوکھے کردار کی مالک ہیں کہ وہ پوری طرح با بھی عمل ہیں جس کامظاہرہ وہ سب کے ساتھ کرتی ہیں ؟ یعنی حقوق اللہ بھی اور حقوق العباد بھی۔
    اب بہن ابرار فاطمہ پہلی دفعہ مخاطب ہو نے پر خوش آمید۔ دعا وں کا بہت بہت شکریہ۔ امید ہے کہ آئندہ بھی اس نا چیز کو دعاوں میں یاد رکھیں گی

  30. پروردگار عالم اپنے حبیب (ص) اور ان کی آل (ع) کے صدقے میں محترمہ نرمین صاحبہ کا آپریشن کامیاب کرائے اور ان کو صحت کاملہ عنایت فرمائے ، آپی ھم اور ھماری پوری فیملی نرمین صاحبہ کے لیے دعا گو ہیں انشااللہ کامیابی ان کی دہلیز چومے گی آمین

  31. پروردگار سے دست بستہ دعا ہیں کہ وہ نرمین بی بی کے سانسوں کی سرگم کو رواں دواں رکھے کہ یہ سانسیں ایک مسیحا کی ہیں۔

  32. اللہ تعالیٰ ڈاکٹر نرمین کا آپریشن کامیاب کرے اور ان کو صحت کُلی عطا فرمائے۔ آمین بجاہ محمد و آلہ الطاہرین علیھم السلام۔

  33. ثُمَّ كُلِي مِن كُلِّ الثَّمَرَاتِ فَاسْلُكِي سُبُلَ رَبِّكِ ذُلُلاً يَخْرُجُ مِن بُطُونِهَا شَرَابٌ مُّخْتَلِفٌ أَلْوَانُهُ فِيهِ شِفَاء لِلنَّاسِ إِنَّ فِي ذَلِكَ لآيَةً لِّقَوْمٍ يَتَفَكَّرُونَ

  34. أمن يجيب المضطر إذا دعاه ويكشف السوء
    أمن يجيب المضطر إذا دعاه ويكشف السوء
    أمن يجيب المضطر إذا دعاه ويكشف السوء
    أمن يجيب المضطر إذا دعاه ويكشف السوء
    أمن يجيب المضطر إذا دعاه ويكشف السوء

  35. السلام علیکم
    نگہت آپی ، آپ کی درد اور خوف کے اندیشوں میں لپٹی پوری تحریر ڈاکٹر ترمین اسماعیل صاحبہ سے آپکے خلوص اور محبت کی عکاس تھی اللہ اِس محبت اور اخلاص میں مذید اضافی کرے اور تمام مسلمانوں کو باہم ایسے ہی جذبے سے منسلک کرے ،میری دُعا ہے کہ اللہ ڈاکٹر ترمین اسماعیل صاحبہ کو جلد سے جلد صحت ِ کاملہ عطا فرمائے ، ہم سب اللہ تعالی کے حضور آپ کی دُعاؤں میں برابر کے شریک ہیں ۔
    آصف احمد بھٹی

  36. شمس بھیّا ،
    جگ جگ جئیں میرے بھیّا ،
    جناب خضر کی عمر کے صدقے میں لمبی عمر مع صحت و تندرستی کے پائیں ،آپ کے مبارک دم قدم سے اس محفل کی رونقیں ہیں
    میں بھی یہی چاہتی ہو ں کہ نگہت بیٹی ان لفاظ سے عمر بڑھنے کی دعا دیا کریں اللہ تعا لٰی حضرت خضر علیہ السّلام کی عمر صدقے آ پ کو طویل عمر عطا کرے ،وہ جب اپنی عمر دوسروں کو لگنے کی دعاء دیتی ہے تو میرا دل مٹھّی میں آ جاتا ہے
    جزاک اللہ آپ نے ان کو بہت خوبصورت پیرائے میں سمجھا دیا
    اللہ حافظ
    زائرہ بجّو

  37. پرور دگار عالم ڈاکٹر نرمین کو بہ حقّ حضرت محمّد مصطفٰے صلّے علٰی خیرالوریٰ اور آل اطہار علیہم السّلام کے صدقے جلد سے جلد مکمّل صحت یاب کرے آمین،
    میں نے بھی اپنے حصّے کا پارہ نمبر3 پڑھ کر مرحوم ومغفور جناب اسد ہمدانی جنّت مکانی کی روح کو ہدیہ کر دیا تھا اوربزریعہ میل ڈاکٹر نسیم کو آگاہ بھی کردیا تھا شائد ان کو فرصت نہیں مل سکی جو بلاگ پر میرا بلاگ نہیں لگ سکا
    اللہ نگہبان
    دعاگو زائرہ بجّو

  38. اسّلام علیکم ،منظور بھیّا ،
    کئ دن کی رو حانی کوفت اٹھانے کے بعد آج خود بہ خود ہی کمپیوٹر چل پڑا ہے ( اللہ تعالٰی کا لاکھ کرم ہے ) تب میں بلاگ لکھ سکی ہوں ،
    بسم اللہ الرّحمٰن الرّحیم
    ھوالشّافی ،
    دل کے مریضوں کے لئے سورہ الم نشرح ّعین دل کے مقام پر ہاتھ رکھ کر پڑ ھی جائے تو دل کے امراض آہستہ آہستہ ختم ہو جاتے ہیں ،
    وہ لوگ جن کے دل کی دھڑکن تیز ہوتی ہے انہیں چاہئے کہ وہ عرق گلاب دو کھانے کے چمچے روزانہ ایک بڑی بوتل( کوکا کولا کی) پانی میں شامل کر کے پئیں یہ بہت ہی اعلٰی طبّی نسخہ ہے اور اس کے لئے کسی سے مشورے کی بھی ضرورت نہیں ہے ،،یعنی کوک نہیں پینی ہے بوتل میں پانی بنانا ہے
    حکمت کے علاج میں خمیرہ گاؤ زبان کا کچھ عرصے استعمال دل کو مظبوط کرتا ہے لیکن اس کے لئے باقاعدہ مستند ماہر حکیم سے رجوع کر لیا جائے
    رنگ وروشنی کے علاج میں نیلے رنگ کا پانی ایک مجرّب ترین علاج ہے ،دل کے اندر یا باہر کے ٹشوز میں ہونے والا درد با لخصوص بلکل غائب ہو جاتا ہے
    ہر چھ مہینے پر میڈیکل چیک اپ ضرور کروایا جائے تاکہ صحت کی اپ ڈیٹس معلوم ہوتی رہیں
    کام اور آرام میں معقول تناسب بھی صحت کا متقاضی ہوتا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *