معروف ادیب اے حمید انتقال فرما گئے

انا للہ وانا الیہ راجعون
معروف ادیب اے حمید طویل علالت کے بعد لاہو کے جناح ہسپتال میں انتقال فرما گئے ۔ وہ ذیابیطس اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ اُن کے پسماندگان میں اُن کی اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
اے حمید سے میرا تعارف شاید نقوش کے افسانہ نمبر میں اُن کے افسانے زرد گلاب کے ذریعے ہوا۔پی ٹی وی پراُن کا ڈرامہ عینک والا جن ایک عرصے تک بچوں بڑوں کو محظوظ کرتا رہا۔ وہ بہت خاموش طبع انسان تھے مگر اعلی تخیلاتی صلا حیتوں کے حامل تھے۔ اُن کی تحاریر میں رومان پسندی غالب تھی ۔
نوائے وقت میں چھپنے والا اُن کا کالم بارش اور سماوار بے حد مقبول تھا۔

38 thoughts on “معروف ادیب اے حمید انتقال فرما گئے”

  1. اللہ سبحانہ ان کی مغفرت فرماءے مرحوم ایک صاحب طرز ادیب تھے۔

  2. اللہ مغفرت فرماۓ اور ان کے لواحقین کو صبر دے ۔ آمین
    ان پندرہ دنوں میں ہم نے بہت قیمتی لو گوں کو کھویا ۔ہما رے وینکوور کی ایک ادبی شخصیت کرنل شفاعت صاحب بھی اب ہم میں نہیں رہے ،اللہ ان کی مغفرت فرماۓ۔آمین
    عالم آرا

  3. انا اللہ وانا لیہ راجعون.مالک موت وحیات اے حمید کی مغفرت کرے اور اپنی جوار خاص میں جگہ دے کہ انکی ساری عمر قلم کی قربت میں گزری
    میں جب ستر کے عشرے کے اوائل میں پروڈیوسر کے طور پر ریڈیو پاکستان لاہور سے ملازمت کا آغاز کیا اے حمید اسوقت بیالیس تنتالیس برس کے تھے اور بچوں کا پروگرام کیا کرتے تھے. مجھ جیسے طالب علم نے اے حمد مرحوم سے بہت کچھ سیکھا. انکی بابا یونس ادیب سے بہت دوستی تھی اور ہمارے ساتھیوں میں فہیم جوزی.شائستہ حبیب اور نسرین انجم بھٹی سے انکی قربت تھی. اے حمید کا زیادہ تر دن کا وقت لاہور ریڈیو کے لان میں گزرتا تھا جہاں وہ پھولوں سے گفتگو کرتے تھے. وہ اپنی طرز کے ادیب تھے.
    مجھے حیرانگی ہے کہ دنیا کے کئی ممتاز اداروں کی ویب سائٹ پر اے حمید کا جو ذکر کیا گیا ہے تو لاہور ریڈیو سے انکی وابستگی کا قطعی کوئی ذکر نہیں ہے
    انشااللہ اگر وقت ملا تو اے حمید سے اپنی ملاقاتوں کا تذکرہ لکھوں گا.
    اللہ پاک مغفرت فرمائے

  4. انا للہ وانا الیہ راجعون
    اے حمید مرحوم کی اللہ کریم و رحیم مغفرت فرماۓ اور ان کے لواحقین کو صبر عطا کرے ۔ آمین
    مجھے ان کا لکھا ہوا عینک والا جن بہت پسند ہے .. یہ دنیا کتنی چھوٹی سی ہے .. پلٹ کر دیکھوں تو چند لمحہوں کے سوا کچھ یاد نہیں آتا ..کبھی کبھی تو بہت گھبراہٹ ہونے لگتی ہے ..االہ خیر کرے

  5. انا للہ وانا الیہ راجعون
    اے حمید میرے پسندیدہ مصنفوں میں سے ہیں! ان کی چائے سے متعلق تحریروں نے مجھے چائے کو تنہا خاموشی سے پینی کی لت میں ڈال دیا اور میں چائے کے عشق میں مبتلا ہو!!
    امرتسر و تقسیم ہند سے متعلق ان کی تحریریں حب وطنی کا ثبوت ہیں اور نوجون نسل کے پڑھنے کو مفید!!
    ریڈیو پاکستان اور لاہور سے متعلق اس کی تحریروں میں ایک انوکھا رومانس ہے.

  6. اے حمید 1928ء کو امرتسر میں پیدا ہوئے۔ میٹرک امرتسر سے کیا۔ قیام پاکستان پرائیویٹ طور پر ایف اے پاس کرکے ریڈیو پاکستان پراسسٹنٹ اسکرپٹ ایڈیٹر مقرر ہوئے۔ کچھ عرصہ ریڈیو پاکستان میں ملازمت کے بعد وائس آف امریکہ سے وابستہ ہوئے۔ ان کے افسانوں کا پہلا ہی مجموعہ ’’منزل منزل‘‘ بے حد مقبول ہوا۔ جو ان کی رومانوی افسانہ نگار کے طور پر پہچان بن گیا۔ افسانوں کے علاوہ ایک عرصہ سے اخبارات میں باقاعدہ کالم نویسی بھی کر رہے ہیں۔ ریڈیو اور ٹیلیویژن کے لیے بہت سے پروگرام لکھے جو بے حد مقبول ہوئے۔افسانہ نویسی ان کی بے حد پسندیدہ اور مقبول صنف ادب ہے۔ ان کی تصانیف میں ’’اردو شعر کی داستان‘‘ ’’اردو نثر کی داستان‘‘ اور ’’مرزا غالب لاہور میں ‘‘ کے علاوہ متعدد ناول شامل ہیں
    اے حمید عصر حاضر کے ترجمان ، جذباتی اور رومانی، فطرت سے عشق کرنے والے افسانہ نگاری ہیں۔ ایک خاص فضا ، خاص ماحول اور خاص سیٹ اپ میں ان کے بہت سے افسانے لکھے گئے ہیں۔ فطری حسن و دلکشی سے دلچسپی نے ان کی تحریروں میں نغمہ و شعر کی سی رنگین و روانی بھر دی ۔ جو پڑھ والے کو Land Fairy میں لے جاتی ہے اور کلیوں ، پھولوں ، تاروں ، تتلیوں ، چاند کی کرنوں اور چائے کی مسحور کن خوشبو اور لذیر اشتہا انگیز اشیائے خوردنی کا بہت روانی اور باریک بینی سے بیان۔ یہ سب کچھ ان کے فن کی جان ہے جس نے اسے انفرادیت بخشی ہے اور اسے ادبی اہمیت حاصل ہوئی ہے۔ بہت سے جگہوں پر ہو حد سے زیادہ ماضی پرست ہوجاتے ہیں۔ ماضی کے سنہرے دنوں میں کھو کر انہیں بہت miss کرتے ہیں ۔ ماضی کی یاد میں نوحہ کناں نظر آتے ہیں۔
    اے حمید کے افسانے جذبہ محبت اور فطرت کی خوبصورتی کو باہم ایک کرکے ماورائی فضا ترتیب دیتے ہیں۔ یہ خود سپردگی کے نشے میں سرشار اپنی نوع میں بہت معتبر ہیں۔ اور اس کے افسانوں کی سحر انگیز فضاؤں میں ادھوری ناکام محبتوں کی مدھر سریں اور رومانی یادیں بڑی ہی الگ اور منفرد ہیں۔ جو صرف اے حمید کی انفرادیت ہے۔
    ان کے سارے کردار خوش لباس ، خوش گفتار ، خوش خوراک ہوتے ہیں۔ وہ چھوٹے اور معمولی واقعہ سے کہانی بناتے ہیں۔ جزئیات اور کردار نگاری ٫میں درجہ کمال حاصل ہے

    اے حمید کے افسانوں میں رومانی محبت اور جذباتی حدت آنسوؤں سے نم آلود ہے۔ اپنی تحریروں میں انہوں نے ایک عجیب نوع کی رومانی فضا تعمیر کی اور پھر عمر بھر اسی فضا کے رومانی دھندلکوں میں رہنا پسند کیا۔

  7. تحریر: اے. حمید

    بی آر بی نہر پر شام کے سائے گہرے ہو رہے ہیں۔ عزیز بھٹی شہید کی شہادت گاہ پر کوئی اگربتیاں سلگا گیا تھا، وہ بجھ گئی ہیں۔ اگر بتیاں بجھ جاتی ہیں، لیکن ان کی خوشبو باقی رہ جاتی ہے۔ شہادت گاہیں مِٹ جاتی ہیں، مگر شہید زندہ رہتے ہیں۔ بی آر بی نہر کا پُرسکون پانی بڑی سبک رفتاری سے بہا چلا جا رہا ہے۔ کنارے کے درختوں کا عکس، پانی میں گہرا سبز ہو گیا ہے۔ سورج مغربی اُفق میں غروب ہو رہا ہے۔ نہر کے پانی میں ایک بھی لہر نہیں اڑ رہی، اپنے شہیدوں کی یاد کو سینے سے لگائے، وہ ابدی سکون کے ساتھ بہا چلا جا رہا ہے۔ میں میجر عزیز بھٹی شہید کی شہادت گاہ کی بجھی ہوئی اگربتیوں اور سوکھے ہوئے پھولوں کو دیکھتا ہوں اور مجھے سیب کے شگوفوں کا خیال آ رہا ہے۔ دور کسی گاؤں کی مسجد سے شام کی اذان کی صدا بلند ہو رہی ہے۔

    ”میں گواہی دیتا ہوں کوئی نہیں معبود سوائے اللّہ کے اور محمد صلی اللّہ علیہ وسلم اس کے رسول ہیں۔“

    ”سیب کا درخت“ سے اقتباس

  8. اے حمید نے اردو شعر کي داستاں ، اردو نثر کي داستاں ، مرزا غالب لاہور مين، داستاں امير حمزہ اور سنگ دوست شخصيات جيسي معرکتہ الارا کتابيں لکھيں۔ٹي وي کيلئے بھي کئي مقبول پلے لکھے ۔ جس میں عينک والا جن، غبر ناگ ماريہ بہت پسند کئے گئے۔ موت کا تعاقب ، تين سو ناولوں پر مشتمل اردو ميں بچوں کے لئے طويل ترين کہاني بھي انکے کريڈٹ پر ہے۔ان کے معاشرتي ناولوں ميں بھارت کے فرعون، کمانڈو کي بيٹي اور جبرو کو بھي لوگوں نے بے حد پسند کيا۔ اردو ادب ميں انہیں معتبر مقام حاصل ہے۔
    مٹي کي مونا ليزا
    مونا ليزا کي مسکراہٹ ميں بھيد ہے؟
    اس کے ہونٹوں پر يہ شفق کا سونا، سورج کا جشن طلوع ہے يا غروب ہوتے ہوئے آفتاب کا گہرا ملال؟ ان نيم دا مستبم ہونٹوں کے درميان يہ باريک سي کالي لکير کيا ہے؟ يہ طلوع و غروب کے دين بيچ میں اندھيرے کي آبشار کہاں سے گر رہي ہے؟ ہرے ہرے طوطوں کي ايک ٹولي شور مچاتي امرود کے گھنے باغون کے اوپر سے گزرتي ہے۔ ويران باغ کي جنگلي گھاس میں گلاب کا ايک زرد شگوفہ پھوٹتا ہے۔ آم کے درختون مین بہنے والي نہر کي پليا پر سے ايک تنگ دھڑنگ کالا لڑکا رتيلے ٹھنڈے پاني ميں چھلانگ لگاتا ہے اور پکے ہوئے گھرے بسنتي آموں کا ميٹھا رس مٹي پر گرنے لگتا ہے۔
    سنيما ہال کے بک اسٹال پر کھڑے ميں اس ميٹھے رس کي گرم خوشبو سونگھتا ہوں اور ايک آنکھ سے انگريزي رسالے کو ديکھتے ہوئے دوسري آنکھ سے ان عورتوں کو ديکھتا ہوں جنہیں ميں نے فلم شروع ہونے سے پہلے سب سے اونچے درجے کي ٹکٹوں والي کھڑکي پر ديکھا تھا۔ اس سے پہلے انہیں سبز رنگ کي لمبي کار ميں سے نکلتے ديکھا تھا اور اس سے پہلے بھي شايد انہیں کسي خواب کے ويرانے ميں ديکھا تھا۔ ايک عورت موٹي بھدي ، جسم کا ہر خم و گوشت ميں ڈوبا ہوا، آنکھوں ميں کاجل کي موتي تہہ، ہونٹوں پر لپ اسٹک کا ليپ، کانوں ميں سونے کي بالياں ، انگليوں پر نيل پالش ، کلائيوں ميں سونے کے کنگن ، گلے ميں سونے کا ہار، سينے ميں سونے کا دل، ڈھلي ہوئي جواني، ڈھلا ہوا جسم، چال ميں زيادہ خوشحالي ، اور زيادہ خوش وقتي کي بيزاري، آنکھوں ميں پر خوري کا خمار اور پيٹ کے ساتھ لگايا ہوا بھاري زرتار پرس۔۔دوسري لڑکي۔ل الٹرا ماڈرن ، الٹرا اسمارٹ ، سادگي بطور زيور اپنائے ہوئے، دبلي پتلي، سبز رنگ کي چست قميض کٹے ہوئے سنہرے بال ، کانو ں ميں چمکتے ہوئے سبز نگينے کلائي ميں سونے کي زنجير والي گھڑاي اور دوپٹے کي رسي گلے ميں ، گہرے شيڈ کي پنسل کے ابرو، آنکھوں ميں پر کار سحر کاري، گردن کھلے گريبان ميں سے اوپر اٹھي ہوئي ، دائيں جانب کو اس کا ہلکا سا مگرور خم ، ڈورس ڈے کٹ کے بال، بالون ميں يورپي عطر کي مہک، دماغ گزري ہوئي کل کے ملال سے نا آشنا، دل آنے والي کل وسوسوں سے بے نياز زندگي کي بھر خوشبوئوں اور مسرتوں سے لبريز جسم ، کچھ رکا رکا سا متحرک سا، کچھ بڑ بڑاتا ہوا۔ اس دودھ کي طرح جسے ابال آنے ہي والا ہو۔ سر انيگلو ، پاکستاني، لباس، پنجابي زبان انگريزي اور دل نہ تيرا نہ ميرا۔
    بک اسٹال والا انہیں اندر داخل ہوتے ديکھ کر اٹھ کھڑا ہوا اور کٹھ پتلي کي طرح ان کے آگے پيچھے چکر کھانے لگا۔ اس نے پنکھا تيز کر ديا۔ کيونکہ لڑکي بار بار اپنے ننھے ريشمي رومال سے ماتھے کا پسينہ پونچھ رہي تھي۔ موتي عورت نے مسکرا کر پوچھا۔ آپ نے “لک” اور وہ “ٹر اسٹوري” نہيں بھجوائے۔ اسٹال والا احمقوں کي طرح مسکرانے لگا۔ وہ جب اب کے ہمارا مال راستے ميں رک گيا ہے۔ بس اس ہفتے کے اندر اندر سرئنلي بھجوا دوں گا۔ موٹي عورت نے کہا۔ پليز ضرور بھجواديں۔ لڑکي نے فوٹو گرافي کا ارسالہ اٹھا کر کہا۔ پليز اسے پيک کر کے گاڑي ميں رکھوا ديں۔ بک اسٹال والا بولا۔ کيا آپ انٹرويل ميں ہي جا رہي ہيں۔ موٹي عورت بولي ۔يس پکچر بڑي بور ہے۔
    انہوں نے ساڑھے تين روپے کے ٹکٹ لئے تھے۔ پکچر پسند نہیں آئي ۔ لمبي کار کار دروازہ کھول ديا اور کار ديرا کي پر سکون لہر کي طرح سات روپوں کے اوپر سے گزر گئي۔ وہ سات روپے جن کے اوپر سے لوہاري دروازےکے ايک کنبے کے پورے ساتہ دن گزرتے ہيں۔ اور لوہاري دروازے کے باہر ايک گندہ نالہ بھي ہے۔ اگر آپ کو اس کنبے سے ملنا ہو تو اس گندے نالے کے ساتھ ساتھ چلے جائيں۔ ايک گلي دائيں ہاتھ کو ملے گي۔ اس گلي ميں سورج کبھي نہيں آيا ۔ ليکن بدبو بہت آتي ہے۔ يہ بدبو بہت حيرت انگيز ہے۔ اگر آپ يہاں رہ جائيں تو يہ غائب ہو جائے گي۔ يہاں صغرا بي بي رہتي ہے۔ ايک بوسيدہ مکان کي کوٹھري مل گئي ہے۔ دروازے پر ميلا چکٹ بوريا لٹک رہا ہے، پردہ کرنے کے لئے۔۔ جس طرح نئے ماڈل کي شيو ر ليٹ کار ميں سبز پردے لگے ہوتے ہيں۔ صحن کچا اور نم دار ہے۔ ايک چارپائي پڑي ہے۔ ايک طرف چولھا ۔۔اپلوں کا ڈھير ہے۔ ديوار کے ساتھ پکانے والي ہنڈيا مٹي کا ليپ پھيرنے والي ہنڈيا اور دست پناہ لگے پرے ہيں۔ ايک سيڑھي چڑھ کر کوٹھري کا دروازہ ہے۔ کوتھري کا کچا فرش سيلا ہے۔در ديوار سے نم دار اندھيرا رس رہا ہے۔ سامنے دو صندوق کے اوپر صغرا بي بي نے پران اکھيس ڈال رکھا ہے۔ کونے ميں ايک ٹوکرا التا رکھا ہے جس کے اندر دو مرغياں بند ہيں۔ ديوار ميں دو سلاخيں ٹھونک کر اوپر لکري کا تحفہ رکھا ہے۔ اس تختے پر صغر بي بي نے اپنے ہاتھ سے اخبار کے کاغذ کاٹ کر سجائے ہيں۔ اور تين گلاس اور چار تھالياں ٹکا دي ہيں۔ اندر بھي ايک چارپائي بچھي ہے۔ اس چارپائي پر صغرا بي بي کے دو بچے سو رہے ہيں۔ دو بچے اسکول پڑھنے گئے ہيں۔ صغرا بي بي بڑي گھريلو عورت ہے باکل آئيڈيل قسم کي مشرقي عورت۔ خاوند مہينے کي آخر ي تاريخوں ميں پٹائي کرتا ہے تو رات کو اس کي مٹھياں بھرتي ہے۔ وہ لات مارتا ہے تو صغرا بي بي اپنا جسم ڈھيلا چھوڑ ديتي ہے۔ کہيں خاوند کے پائوں کو چوت نہ آجائے۔ کتني آئيڈيل عورت ہے يہ صغرا بي بي يقينا اسي ہي عورتوں کے سر کے اوپر دوزخ اور پائوں کے نيچے جنت ہوتي ہے۔ خاوند ڈاکيہ ہے۔ ساٹھ روپے کي کثير رقم ہر مہينے کي پہلي کو لاتا ہے۔ پانچ روپے کوٹھري کا کرايہ۔ پانچ روپے دونون بچوں کے اسکول کي فيس، بيس روپے دودھ والاے کے اور تيس روپے مہينے بھر کے راشن پاني کے۔ باقي جو پيسے بچتے ہيں ان ميں يہ لوگ بڑے مزے سے گزر بسر کرتے ہيں۔ کبھي کبھي صغرا بي بي ساڑھے تين روپے والي کلاس میں بيٹھ کر فلم بھي ديکھ آتي ہے اور اگر پکچر بور ہو تو انٹر ول ميں ہي اٹھ کر لمبي کار ميں بيٹھ کر اپنے گھر آجاتي ہے۔ بک اسٹال والا ہر مہينے انگريزي رسالہ ، لک اور لائف اسے گھر پر ہي پہنچا ديتا ہے۔ وہ کھانے کے بعد ميٹھي چيز ضرور کھاتي ہے۔ دودھ کي کريم ميں ملے ہوئے انناس کے قتلے صغرا بي بي اور اس کے ڈاکيے خاوند کو بہت پسند ہيں۔ کريم کو محفوظ رکھنے کے لئے انہوں نے اپني کوٹھڑي کے اندر ايک ريفريجريٹر بھي لا رکھا ہوا ہے۔ صغرا بي بي کا خيال ہے کہ وہ اگلي تنخواہ پر کوٹھري کو ايئر کنڈيشنڈ کروا لے کيونکہ گرمي حبس اور گندے نالے کي بدبو کي وجہ سے اس کے سارے بچوں کے جسموں پر دانے نکل آتے ہيں اور وہ رات بھر انہيںاٹھ اٹھ کر پنکھا جھلتي رہتي ہے ۔ صغرا نے ايک ريڈيو گرام کا آدر بھي دے رکھا ہے۔

  9. انا للہ وانا الیہ راجعون
    اللہ مرحوم کی مغفرت فرماےء
    آمین

    صفدر بھائی

    آپ نی جس انداز سے مرحوم کی یاد تازہ کی ہے اور اُن کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے . جزاک اللہ

  10. انا للہ وانا الیہ راجعون
    اللہ تعالٰی اے حمید مرحوم کی مغفرت فرماۓ اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔ آمین

    جناب ھمٰدانی صاحب نے مرحوم کے چند شاہپاروں میں سے اقتباسات پیش کرکے انہیں جو مثالی خراج عقیدت پیش کیا ہے وہ پوری پاکستانی میڈیا کے لئے قابل تقلید ہے ۔

  11. انا للہ وانا الیہ راجعون۔۔۔
    اللہ انہیں غریق رحمت کرے۔۔۔
    قیمتی اور علم ودانش سے بھرے انسان ہمارے معاشرے سے جارہے ہیں
    پیچھے خالی بینڈباجوں کا راج ہوگا جو خالی ہونےکےباوجود بھونپوبن کر چنگھاڑتے پھریں گے
    ہم ۔۔۔۔۔آدھے نوجوان۔۔آدھے بابے۔۔۔کن سے سیکھیں گے۔۔اپنے بعدمیں آنےوالوں کو کیادیں گے۔۔
    اآہ۔۔۔۔
    اللہ سوہنے ہمارے حال پر رحم فرما
    آمین۔۔۔

  12. انا للہ وانا الیہ راجعون
    اے حمید مرحوم کی اللہ کریم و رحیم مغفرت فرماۓ اور ان کے لواحقین کو صبر عطا کرے ۔ آمین
    مٹی کی مونا لیزا ، بوتل کا جن ، سیب کا درخت اور جانے ایسے کتنے ہی افسانے ہیں جو اپنے پڑھنے والوں کو مسحور کر لیتے ہیں ۔ اے حمید جیسے ادیب ہمیشہ زندہ رہتے ہیں ۔
    آصف احمد بھٹی

  13. انا اللہ وانا لیہ راجعون:اے حمید جیسے ادیب ہمیشہ زندہ رہتے ہیں ۔

  14. انا للہ وانا الیہ راجعون

    خدائے کریم ان کے درجات بُلند فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر عطا کرے الہی آمین .

    کسی بھی شخص کی پہچان اس کی شخصت سے ہوتی ہے اور کسی بھی لکھنے والے کو اس کے الفاظ صدیوں زندہ رکھتے ہیں اے حمید ایک بہترین لکھنے والے انسان تھے . ان کے الفاظ دلوں میں اُن کی یاد ہمیشہ تازہ رکھے گے .. کیونکہ الفاظ ک بھی نہیں مارا کرتے اگر سچے قلم اور روح کی گہرائی سے نکلے ہوں ..

  15. کُچھ خرابی کی وجہ سے تحریر میں غلطیاں ہیں مُعافی چاہتی ہوں ..

  16. پھولوں، تتلیوں، نریل کے درختوں، پرندوں کے تعاقب میں وہ ہم سے دور چلے گئے

  17. اے حمید صاحب سے میرا رابطہ عرصہ دو برس سے تھا اور 2008 میں، ان سے لاہور ملاقات کے لیے گیا تھا، حمید صاحب سے متعلق ہماری ویب ڈاٹ کام پر احقر کے دو عدد مضامین شائع ہوئے ہیں جن میں سے ایک ان کی بہماری کے دوران اور دوسرا کے انتقال کے روز شائع ہوا تھا

    امریکہ کے ایک ریڈیو چینل نے خاکسار کو اے حمید صاحب پر تعزیتی پروگرام کے دوران رائے کے لیے شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے، مذکورہ پروگرام 9 مئی بروز پیر پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے نشر ہوگا

    زیادہ کیا کہوں، جو کچھ کہنا تھا، ان مضامین میں لکھ ڈالا لیکن یہاں بوجوہ ان مضامین کے لنکس شامل کرنا شاید ممنوع ہے

    خیر اندیش
    راشد اشرف
    کراچی سے

  18. راقم پچھلے 5 ماہ سے اردو خودنوشت سوانح عمریوں کو مجتمع کرنے اور ان کی ایک جامع فہرست مرتب کرنے کے کام میں مصروف ہے۔ اب تک کی جمعر کردہ ان کتب کے سراوراق، ناشر و سن اشاعت کی تفصیل کے ہمراہ راقم کی غیر تجارتی ویب سائٹ وادی اردو ڈاٹ کام پر دیکھے جاسکتے ہیں

    اسی سلسلے میں اے حمید صاحب سے گفتگو رہتی تھی

    شاید کم لوگ یہ بات جانتے ہوں گے کہ وہ اپنی خودنوشت تحریر کررہے تھے جو کہ ان کے انتقال کی بنا پر ادھوری رہ گئی۔ اس خودنوشت کا نام “چھوڑ آئے وہ گلیاں“ مقرر کیا گیا تھا!

  19. صفدر ہمدانی صاحب!
    آپ اپنی یاداشتوں کو کب مرتب کریں گے جناب ?
    اس قدر بھرپور زندگی گزاری ہے آپ نے — براہ کرم پڑھنے والوں کو بھی ان یادوں میں شریک کیجیے
    “ایک آبلہ پا تنہا” کے بارے میں کوئی رائے ?

  20. اکمل علیمی کی تعزیتی تحریر سے اقتباس:

    امام ناصر کی درگاہ کی زیارت اور جامعہ مسجد میں نمازظہر کی ادائیگی کے بعد رخصت ہونے لگا تو محکمہ اوقاف کے ایک کارکن نے مجھے تحفتہً ایک کتاب دی۔ ’ پنجاب و ہریانہ کی تاریخی مساجد‘ مولفہ عطا الرحمن قاسمی ‘ صفحات 608 مطبوعہ جے کے آفسٹ‘ جامعہ مسجد‘ دہلی۔
    مولف نے امرتسر کی مسجدوں کی تفصیل بیان کرنے سے پہلے اس شہر کے ’مشہور قلمکار‘ اے حمید کی تحریروں سے یہ اقتباس نقل کیا تھا ۔ ’امرتسر میرے لیے میرا بچھڑا ہوا یوروشلم ہے اور میں اس کی دیوار گریہ ہوں۔ مجھے امرتسر کا کچھ بھی یاد نہیں۔ یاد تو اسے آئے جو بھول گیا ہو۔ امرتسر تو میرے خون میں گردش کررہا ہے۔ امرتسر کو دیکھ کر سوتا ہوں اور صبح اٹھ کر سب سے پہلے اسی کا منہ دیکھتا ہوں۔ چلتا ہوں تو کمپنی باغ میرے ساتھ ہوتا ہے بیٹھتا ہوں تو سکتری باغ کے درخت مجھ پر سایہ کئے ہوئے ہیں۔ بولتا ہوں تو مجھے امرتسر کی مسجدوں کی اذانیں سنائی دیتی ہیں۔ خاموش ہوتا ہوں تو امرتسر کی نہروں کا پانی سر گوشیاں کرتے ہوئے گزرتا ہے۔ اپنے ایک ہاتھ کو دیکھتا ہوں تو اس پر اپنے محلے کی گلیاں خوابیدہ دکھائی دیتی ہیں۔اپنے دوسرے ہاتھ کو دیکھتا ہوں تو اس پر کمپنی باغ کے سارے پھول‘ سارے درخت‘ بہار کی ہوا میں مسکراتے نظر آتے ہیں ۔پچھلے دنوں ایک دوست امرتسر جانے لگے تو مجھ سے پوچھا کہ تمہارے لئے کیا لاؤں ۔میں نے کہا۔ میرے لیے کمپنی باغ کا ایک پھول لے آنا ۔‘
    اقتباس کی آخری سطریں پڑھ کر میرا سر چکرا گیا اور جالندھر میں میرا جواں سال میزبان گورپریت سنگھ کوہلی گبھرا کر پوچھنے لگا ۔ ’انکل کیا بات ہے کتاب میں ایسی کیا بات لکھی ہے؟‘ میں نے کہا ۔ لاہور سے روانہ ہونے لگا تو اے حمید نے مجھ سے بھی وہی فرمائش کی جو اس سے پہلے وہ نہ جانے کتنے دوستوں سے کر چکا ہے ۔’میرے لئے کمپنی باغ کا ایک پھول لے آنا۔‘ گورپریت بولا ۔ ’ یہ تو کوئی بڑی بات نہیں۔ کل آپ کو امرتسر جانا ہی ہے۔ کمپنی باغ بھی چلیں گے اور کسی مالی سے ایک پھول لے لیں گے آپ کے دوست کے لئے۔‘ وہ اپنی ہونڈا سی آر وی میں مجھے شہر شہر لئے پھرتا تھا اور موبائل فون پر اپنا کاروبار ،جائیدادوں کی خرید و فروخت، بھی کئے جا رہا تھا۔

  21. دوسرا حصہ:

    اے حمید سے میری دوستی کا باقاعدہ آغاز پچاس کے عشرے کے شروع میں ہوا جب میں روزگار کے سلسلے میں ریگل کے چوک سے ذرہ آگے ٹمپل روڈ پر اخبار ترجمان کے دفتر پہنچا۔ وہ وہاں نیوزایڈیٹر تھے۔ مجھے دیکھ کر بولے۔ ’اچھا ہوا تم آ گئے۔ خبروں کا ترجمہ شروع کرو۔ میں ابھی آتا ہوں۔‘ وہ نہ جانے کہاں گئے کہ پھر لوٹ کر اس دفتر میں نہ آئے۔ یہ ایک اخبار کے دفتر میں میرا پہلا دن تھا۔ میں غلط سلط ترجمہ کرتا رہا۔ تین چار کاتب پیلے کاغذ پر لکھتے رہے۔ آدھی رات ہو گئی۔ ہیڈ کاتب نے مجھ سےکہا ۔’پریس کا وقت ہو گیا ہے۔ لگتا ہے کہ حمید صاحب نہیں آئیں گے۔ آپ کاپی جوڑئیے۔‘ ۔میں گبھرا گیا میں نے اب تک کسی اخبار کی کاپی نہیں جوڑی تھی۔ طوعاًکرہاًٍ ہیڈ کاتب کی راہنمائی میں کتابت شدہ خبریں الگ الگ کیں۔ اہمیت کے اعتبار سے انہیں پہلے اورآخری صفحات پر جوڑا اور کاپی پریس چلی گئی۔ چند روز بعد اے حمید مجھے پاک ٹی ہاؤس میں مل گئے۔ میں نے پوچھا کہ مجھے پھنسا کر آپ کہا ں روپوش ہو گئے تھے؟ تو انہوں نے جواب میں ترجمان کو ایک موٹی سی گالی دی اورچائے کی پیالی میری طرف بڑھاتے ہوئے بولے۔ ’ جب تک با تنخواہ نوکری نہیں ملتی تم وہاں لگے رہو۔‘ لطیف انوراس اخبار کے ایڈیٹر اور حمید جہلمی ان کے نائب تھے مگر ایسے پیارے لوگوں کی موجودگی کے باوجود میں بھی ایک دو ماہ بعد ترجمان کو چھوڑ کراحسان میں چلا گیا جہاں وقار انبالوی ایڈیٹر تھے اور میری درسگاہ (اورینٹل کالج) قریب تھی۔

  22. راشد صاحب
    اے حمید صاحب پر آپ کا مضمون بہت پسند آیا. آپ خوش قسمت ہیں کہ اُنہوں نے آپ کو ملاقات کا وقت دیا باتیں کیں. ہم نے تو سفارش بھی کروائی مگر وہ انٹرویو کے لئے راضی نہ ہوئے. اُن کی ہمشیرہ کے ہاں دو چار بار ملاقات ہوئی جو سلام دُعا سے آگے نہ بڑھ سکی.
    والسلام
    زرقا

  23. محترم راشد بھائی آپ کو بلاگ فیملی میں خوش آمدید .. آپ کا ہم سب میں ہونا ہماری خوش نصیبی ہے . آپ کا ابن صفی پر کام اپنی مثال آپ ہے . میں سمجھتی ہوں کہ ابن صفی کو ان کے بعد زندہ رکھنے میں آپ کی محبت نمایاں ہیں .یہ سن کر بہت خوشی ہوئی کہ آپ پچھلے 5 ماہ سے اردو خودنوشت سوانح عمریوں کو مجتمع کرنے اور ان کی ایک جامع فہرست مرتب کرنے کے کام میں مصروف ہے .. اللہ پاک آپ کو صحت اور ہمت عطا فرمائے کہ آپ کا کام صدقہ جاریہ ہے ..

    آپ کا اے حمید صاحب پر تبصرہ بہت ہی اپنایت لئے ہوئے ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ آپ سے کتنی شفقت فرماتے تھے اور آپ ان سے کتنی محبت کرتے تھے .. اللہ کریم و رحیم مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصین فرمائے ..آمین

    محترم المقام جناب صفدر ہمدانی سے ہم سب کی ہمیشہ گزارش رہتی ہے کہ وہ اپنی یاداشتوں کو مرتب کریں .. آج کل تو کئی سفرنامے بھی ادھورے پڑے ہیں جو وہ اپنی بے پناہ مصروفیت کی وجہ سے مکمل نہیں کر پارہے .. اللہ کریم انہیں صحت و ہمت عطا فرمائے ..آمین

    محترم راشد بھائی مجھے یقین ہے کہ آپ سے آئیندہ بھی سیکھنے اور پڑھنے کو ملتا رہے گا .. ایک بار پھر بلاگ فیملی کی طرف سے یعنی ہم سب کی طرف سے خوش آمدید .

  24. کیا لکھوں کبھی کبھی قلم کی نوک پر لفظ اٹیک کر رہ جاتے ہیں .ہم لفظوں سے محبت کرنے والے کہیں بھی رہیں ادبی لوگوں کے بہت قریب ہوتے ہیں .اے حمید نام ایک بڑا نام .چاہیے تو کسی نے دیکھا ہو یا ملے نہ ہوں .پھر بھی جانتے تھے..ادب کی دنیا میں ان کا نام اب بھی ان کے جانے کے بعد ویسے ہی روشن رہے گا .اللہ تعالیٰ سے اس چیز کا ہمارا وعدہ ہے سو انہوں نے اس وعدے کو تو پورا کرنا ہی تھا .خدا کے نظام میں ردو بدل تو ممکن ہی نہیں اس ایمان کے ساتھ ہمیں زندہ رہنا ہے..آخر میں ان کی مغفرت کے لیے بہت سی دعا .اللہ ان کو جنت میں جگہ اور ان کے لواقعین کو صبر و جمیل عطا کرے .آمین ثمہ آمین

  25. زرقا مفتی صاحبہ! آداب
    آپ کا بیحد شکریہ کہ آپ نے اے حمید صاحب پر مضامین کو پسند فرمایا
    اے حمید صاحب سے ملاقات کا وقت طے نہیں تھا لیکن شاید اس وجہ سے کہ میں کراچی سے آیا تھا، انہوں نے وقت دیا۔ گفتگو رہی اور اسی دوران میں نے ان کی تصاویر بھی محفوظ کیں اور ایک مختصر سی ویڈیو بھی بنا لی۔

    امریکہ کے ایک ریڈیو چینل ریڈیو ایشاء (ہیوسٹن) نے چند روز قبل مجھ سے رابطہ کیا، وہ اے حمید صاحب پر 2 گھنٹے کا پروگرام کررہے تھے۔ یہ پروگرام امریکہ میں اتوار کی رات 8 سے 10 بجے اور پاکستان میں پیر کی علی الصبح 5 سے 7 بجے تک سنا گیا۔ اس کے پہلے حصے یعنی صبح 5 سے 6 بجے تک میں اس پروگرام میں “تھری وے کالنگ سسٹم” کے تحت کراچی سے شامل رہا۔ جلد اس کی ریکارڈنگ بذریعہ ای میل موصول ہوجائے گی! اور میں اسے کسی بھی ویب سائٹ (شاید فیس بک) پر شامل کرنے کے بعد اس کا لنک آپ کی خدمت میں پیش کردوں گا
    مذکورہ پروگرام اس لحاظ سے دلچسپ رہا کہ اس میں جناب اکمل علیمی اور جناب ابو الحسن نغمی نے واشنگٹن سے شرکت فرمائی جو اے حمید صاحب کے دیرینہ دوستوں میں سے ہیں۔ ٹیکساس سے جناب امین ترمذی اور تلمیذ فاطمہ اس پروگرام کی میزبانی کررہے تھے۔

    بیحد محترم نگھت نسیم صاحبہ! تسلیمات
    آپ کے ستائشی الفاظ میرے لیے بہت قیمتی ہیں، حوصلہ افزا ہیں
    سلامت رہیئے!
    ابن صفی صاحب پر کام آپ ہماری غیر تجارتی سائٹ پر دیکھ سکتی ہیں؛
    http://www.wadi-e-urdu.com

    حال ہی میں پروفیسر شمس الرحمان فاروقی نے ابن صفی کی جاسوسی دنیا کے 4 ناولز کا انگریزی ترجمہ کیا ہے اور 22 اپریل کو دہلی میں ان ناولز کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں فرزند ابن صفی جناب احمد صفی نے بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ خاکسار کو بھی اس تقریب کا دعوت نامہ موصول ہوا تھا لیکن انہی دنوں بریڈ فورڈ سے مقصود الہی شیخ اپنے جریدے مخزن می اشاعت کے لیے تشریف لائے اور میں ان کے ساتھ اس کام میں مصروف ہوگیا۔ مخزن کا یہ دسواں اور آخری شمارہ تھا جو اہتمام کے ساتھ شائع ہوا

    مخزن کی تقسیم کا اہتمام ہم نے کراچی کی غالب لائبریری میں کیا تھا، چند تصاویر حاضر ہیں:
    http://www.facebook.com/media/set/fbx/?set=a.1673321388320.163563.1095969894

    احمد صفی صاحب سے ان دنوں مستقل رابطہ رہا، وہ تمام وقت ہندوستانی پریس کے نرغے میں رہے اور ہندوستان کے اخبارات میں ان کے دورہ ہندوستان کی تفصیلات شائع ہوتی رہیں، لنکس ملاحظہ ہوں:

    http://www.indianexpress.com/news/the-return-of-x2/779736/1

    http://ummid.com/news/2011/April/22.04.2011/pak_writers_urdu_thriller.htm?amp&amp

    احمد صفی نے دہلی کی تقریب میں اس خاکسار کا بنایا ہوا
    A pictorial tribute to ibne safi

    شرکاء کو دکھایا جسے آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں:

    http://www.youtube.com/watch?v=Qf6lPrkm1PI

    خودنوشت سوانح عمریوں پر کام سمٹ رہا ہے لیکن ابھی ہندوستان سے چند نام آنا باقی ہیں۔ گزشہ ہفتے کراچی مین واقع قومی زبان کے دفتر میں جریدہ قومی زبان کے مدیر ڈاکٹر ممتاز کے پاس اسی کام کے تعلق سے حاضر ہوا تھا، ان کے مطابق کسی بھی جریدے میں خودنوشت سوانح عمریوں/آپ بیتیوں/یاداشتوں کی ایسی جامع فہرست تاحال شائع نہیں ہوئی۔ شاید یہ کہیں شائع ہوسکے اور اس طرح بہتوں کا بھلا ہوپائے گا، کوشش جاری ہے۔ اس کے مثبت ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں کہ پشاور سے ایک صاحب اسی موضوع پر پی ایچ ڈی کررہے ہیں اور بقول ان کے، ویب سائٹ پر ان کی تفصیل کی مدد سے ان کو اپنے کام میں بہت مدد ملی ہے!

    اب تک 400 سے زیادہ خودنوشتوں کے سراوراق، ناشر و سن اشاعت کی تفصیل کے ہمراہ، شامل کرچکا ہوں، لنکس ملاحظہ ہوں:

    http://www.wadi-e-urdu.com/urdu-autobiographies-part-1/
    http://www.wadi-e-urdu.com/urdu-autobiographies-part-2/

    احباب سے گزارش ہے کہ اگر ان کے پاس کوئی زیر نظر موضوع پر کوئی ایسی کتاب (خودنوشت) ہو جسے وہ ان لنکس پر موجود نہ پائیں تو براہ کرم اس کا سرورق اسکین کر کے ارسال کردیں (zest70pk@gmail.com)

    فرخندہ رضوی!
    کیا موزوں و مناسب بات آپ نے کہی ہے
    ہمیں اپنے محبوب قلمکاروں سے ملاقات کی کیا ضرورت، کسی خارجی سہارے کی کیا حاجت — ہوجائے تو خوش قسمتی لیکن اگر نہ ہو تب بھی
    ان کی تحریروں کے ذریعے ہم جب چاہیں ان سے رابطہ کرسکتے ہیں
    ‘اک ذرا گردن جھکائی اور دیکھ لیا‘

    ابن صفی ہوں یا اے حمید، کمال احمد رضوی ہوں یا مشتاق یوسفی
    یہ وہ لوگ ہین جہنوں نے ہماری روکھی پھیکی زندگیوں میں اپنی دلنشیں تحریروں سے گویا رنگ بھر دیے ہیں۔

    لیجیے صاحب! کمال رضوی صاحب سے بھی ہمارا ایک تعلق خاص ہے۔ ملاحطہ ہو ان کا انٹرویو:

    http://www.wadi-e-urdu.com/a-chat-with-kamal-ahmed-rizvi/a-chat-with-kamal-ahmed-rizvi-%da%a9%d9%85%d8%a7%d9%84-%d8%a7%d8%ad%d9%85%d8%af-%d8%b1%d8%b6%d9%88%db%8c-%d8%a7%d9%84%d9%86-%d8%b3%db%92-%d8%a7%d8%a8%d9%86-%d8%b5%d9%81%db%8c-%da%a9%db%92-%d8%ad/

    الف نون کے 10 انتہائی نایاب پروگرامز احقر نے یو ٹیوب پر شامل کیے ہیں جو اس سے قبل نہ تو بازار مین کہیں دستیاب تھے اور نہ ہی انٹرنیٹ پر!

    خدا نہ کرے کہ اس پیغام کو پڑھنے والوں کو اس میں خودنمائی کی جھلک نطر آئے لیکن یہ کیفیت ان حضرات سے بے انتہا عقیدت کی بنا پر اس وقت طاری ہوجاتی ہے جب ان کا ذکر خیر آتا ہے اور کوشش یہی ہوتی ہے کہ ہم خیال لوگوں تک معلومات کو پہنچایا جائے

    خیر اندیش
    راشد اشرف
    کراچی سے

  26. زرقا مفتی، نگہت نسیم و فرخندہ رضوی صاحبان! (یہاں صاحبان کے سوا کچھ اور نہ سوجھا ہے، معافی کا طلبگار)

    آپ نےلکھا ہے کہ اے حمید صاحب انٹرویو کے لیے راضی نہ ہوئے
    یہ شاید ان کے مزاج کا حصہ تھا کہ انٹرویو وغیرہ سے دور رہتے تھے۔ ایک بار پی ٹی والوں نے کوشش کی تھی لیکن وہ راضی نہ ہوئے، اسی طرح جیو ٹی وی کے پروڈیوسر نے ایک بار مجھے بتایا کہ جیو ٹی وی بھی حمید صاحب سے اسی سلسلے میں رابطہ کرچکا تھا

    آپ کو اس حقیقت سے آگاہ کرتا چلوں کہ لطف اللہ خان جو ان دنوں جیو ٹی وی پر آرہے ہیں، جیو کی عرصہ 5 برس کی مسلسل کوشش کے بعد اس پروگرام کو کرنے پر راضی ہوئے ہیں اور یوں ناظرین کو برصغیر کے مشاہیر ادب کے سب سے بڑے صوتی ذخیرے تک رسائی کا موقع ملا ہے

    گفتگو کرتے وقت ان کا لہجہ بالکل بچوں جیسا ہوتا تھا۔ حیرت و استعجاب میں ڈوبا ہوا۔ آخری مرتبہ جب بات ہوئی تو کہنے لگے:

    “یار راشد صاحب! ابھی کچھ عرصہ پہلے ایک صاحب آئے اور کہنے لگے کہ انہوں نے میرے کچھ ناولز انٹرنیٹ پر ڈال دئے ہیں اور ۔۔۔۔۔۔ہزار کا چیک مجھے معاوضے کے طور پر دے گئے۔ یار آپ دیکھیں ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں دنیا میں”

    عرض کیا کہ جناب ایسے ہی لوگوں کی وجہ سے دنیا کی دلکشی قائم ہے
    ورنہ انسان نے اپنی فطری حرص کے جابجا استعمال سے اسے ہر لحاظ سے پائمال کرنے میں کوئی کسر کہاں چھوڑی ہے۔ ماحولیات ہو یا اخلاقیات، کوئی میدان خالی نہ چھوڑا!

    لکھنے کے سوا ان کا کوئی دوسرا ذریعہ معاش نہ تھا اور تمام عمر لکھ لکھ کر ان کی انگلیاں ٹیڑھی ہوگئی تھیں۔ اندازہ کریں کہ 1948 میں انہوں نے اپنا شہرہ آفاق افسانہ منزل منزل لکھا اور 2010 میں بھی ان کی دو عدد تازہ کتب منظر عام پر آئیں –

    ‘غالب صریر خامہ نوائے سروش ہے‘

    ڈربے ان کا ایک حیرت انگیر حد تک دلچسپ ناول ہے، جیتے جاگتے کردار، یوں لگتا ہے جیسے ابھی وہ آپ سے بھی باتیں کرنے لگیں گے۔ 1960 میں یہ لکھا گیا لیکن افسوس کہ اب یہ مکمل طور پر نایاب ہے بلکہ 3 دہائیوں سے نایاب ہے۔ اسی کی دہائی کے آخر کی بات ہے، اسکول کا زمانہ تھا، ایک لائبریری سے “ڈربے” ہاتھ لگ گیا۔ آج بھی یاد ہے کہ کس قدر لطف لے کر پڑھا تھا اور اس کے بعد منہ لٹکائے لائبریری کے مالک کے پاس پہنچ گیا تھا اور عذر پیش کیا کہ یہ ناول مجھ سے کھو گیا ہے اور پوچھا کہ کیا حل ہے
    (یہ طے کر کے گیا تھا اگر وہ زیادہ ہی خفا ہوگا تو واپس لے آؤں گا)
    ” حل کیا ہے، 13 روپے نکالئے آپ” — وہ خفگی سے بولا
    پیسے ویسے ہمارے پاس کہاں ہوتے تھے — والدہ سے درخواست کی اور لے جا کر 13 روپے اس کے ہاتھ پر رکھے۔ وہ دن آج کا دن ڈربے ہمارے پاس ہے اور مزے کی بات دیکھئے کہ اے حمید صاحب سے ملاقات کے لیے گیا تھا تو یہ ناول ساتھ تھا اور پھر یہ داستان سن کر اس پر حمید صاحب نے محبت سے آٹوگراف ثبت کیے تھے!

    آج میرے نجی کتب خانے میں 4 ہزار سے زاہد کتابیں ہیں اور خودنوشت کا ایک بڑا ذخیرہ، ہندوستان سے کتابیں منگوائی گئی ہیں، لاہور سے 100 خودنوشت پہنچیں ہیں، ہر ماہ نئی کتابوں کا اضافہ اس پر مستزاد لیکن اس وقت 13 رپؤں میں “ڈربے” کا خریدا جانا یاد رہے گا!

    کوئی موقع ایسا نہ گزرا جب ان کی تحریروں کے مطالعے کو دیر گزری ہو اور حافظے کی لوح میں محفوظ ان میں درج واقعات وقت کی گرد سے دب گئے ہوں!

    دل کو ہم سمجھا کے لائے کوئے جاناں سے حسن
    دل ہمیں سمجھا بجھا کے، کوئے جاناں لے چلا

    اسی طرح خاکہ نگاری کے میدان میں بڑے بڑے جید ادباء کے نام لیے جاسکتے ہیں۔ نصر اللہ خان کی کتاب “کیا قافلہ جاتا ہے”، سالک کی “یاران کہن”، منٹو کی گنجے فرشتے، عقیل روبی کی “کھرے کھوٹے”، ڈاکٹر اسلم فرخی کی خاکوں پر مبنی کئی کتابیں، ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ عرض یہ کہ ایک طویل فہرست ہے — لیکن اے حمید صاحب کی “چاند چہرے” اور گلستان ادب کی سنہری یادیں” کا اسلوب ایک عجب طرح کی کشش لیے ہوئے ہے۔ ان دو کتابوں مین میں منٹو، فیض، احمد ندیم قاسمی، سیف الدین سیف، احمد راہی، حمید اختر، ساحر لدھیانوی، راجہ مہدی علی خان وغیرہ کے دلچسپ واقعات سے مزین ایسے خاکے ہیں جو کہیں اور پڑھنے میں نہیں ملتے!

    انگریزی میں
    prolific writer
    کی اصطلاح ہے – سوچتا ہوں کہ اس کی ٹکر ہر کوئی
    prolific reader
    کی اصطلاح بھی وضع ہونی چاہیے

    خیر اندیش
    راشد اشرف
    کراچی سے

  27. راشد صاحب
    السلام علیکم
    ایسے بیش قیمت روابط مہیا کرنے کے لئے شکریہ
    آپ اُردو کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں جزاک اللہ
    والسلام
    زرقا

  28. محترم المقام جناب صفدر ہمدانی سے ہم سب کی ہمیشہ گزارش رہتی ہے کہ وہ اپنی یاداشتوں کو مرتب کریں .. آج کل تو کئی سفرنامے بھی ادھورے پڑے ہیں جو وہ اپنی بے پناہ مصروفیت کی وجہ سے مکمل نہیں کر پارہے .. اللہ کریم انہیں صحت و ہمت عطا فرمائے ..آمین

    نگہت نسیم صاحبہ! آداب
    صفدر ہمدانی صاحب سے ان کی خودنوشت تحریر کروائے جانے کا کام آپ کے سپرد، استدعا کرتے رہیے، انشاء اللہ کوئی نہ کوئی نتیجہ ضرور نکلے گا

    بیگم حمیدہ اختر حسین رائے پوری کی خودنوشتوں پر مشتمل ایک سے زائد کتابیں اگر آج پڑھنے کو میسر ہیں تو اس کا سہرہ جمیل جالبی صاحب کے سر جاتا ہے۔ ایسی کئی مثالیں ہمارے سامنے ہیں کہ جب ایک بھرپور زندگی گزارنے والے حضرات کسی دوسرے کی تحریک پر اپنی یاداشتیں قلم بند کرنے پر آمادہ ہوئے

    شہزاد منظر صاحب ایک نامور ادیب تھے، ان کی خودنوشت کا مسودہ دس برس گزار جانے کے بعد بھی تاحال شائع نہ ہوسکا۔ اسی طرح گزشتہ ہفتے، میری ملاقات شاہ محی الحق فاروقی صاحب سے ہوئی۔ فاروقی صاحب نے 1999 میں ایک بڑے کمال کی کتاب کا ترجمہ “بلبلیں نواب کی” کے نام سے کیا تھا جس کے مصنف موسی رضا تھے جو ہندوستان مین ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر فائز رہے۔ مذکورہ کتاب مضامین کی شکل میں موسی صاحب کی یاداشتوں پر مبنی ہے اور بے انتہا دلچسپ پے۔ شاہ محی الحق فاروقی صاحب نے اپنی خؤدنوشت 1992 مین سپرد قلم کی تھی اور اب تک یہ شائع نہیں ہوسکی ہے، ان کا تحریر کردہ یہ مسودہ آجکل میرے پاس ہے اور میں اسے پڑھ رہا ہوں اور بار بار خیال آتا ہے کہ اسے جلد از جلد شائع ہونا چایئے

    معین اختر مرحوم بھی اپنئ خودنوشت ریکارڈ کرواچکے تھے لیکن پروف ریڈنگ میں تاخیر کی وجہ سے یہ ان کی زندگی میں شائع نہ ہوسکی۔ انتقال سے چند روز قبل ہی انہوں نے اس کے مرتب سے کہا تھا کہ ” بھائی! کیا اسے میرے مرنے کے بعد شائع کرواؤ گے” —- میعن اختر اپنی اس کتاب کی رونمائی دلیب کمار صاھب سے کروانے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن افسوس کہ مہلت نہ مل پائی — ویسے بھی دلیب صاحب کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ سائرہ بانو نے انہیں اب کسی قابل نہیں چھوڑا اور یہ میں اپنی جانب سے نہین کہہ رہا بلکہ حال ہی میں دلیپ صاحب پر لکھی گئی ایک کتاب ہندوستان سے میرے پاس پہنچی ہے، اس میں یہ سب کہا گیا ہے۔ کتاب کا نام ہے دلیپ صاحب!

    نیلام گھر والے طارق عزیز اپنی خودنوشت “فٹ پاتھ سے پارلیمنٹ تک” کے عنوان سے تحریر کررہے ہیں۔ خدا کرے جلد از جلد شائع ہوجائے

    تو صاحب! اس نیک کام میں تاخیر کیوں ہو!

    خیر اندیش
    راشد اشرف
    کراچی سے

  29. راشد میاں. سلامت باشد. میں آپ لوگوں کا تو مقروض ہوں ہی لیکن شاید خود اپنا اور قلم کا بھی مجرم ہوں کہ ایسی درجنوں چیزیں ہیں جن کو مکمل کرنا چاہتا ہوں لیکن نہیں کر پا رہا. اسمیں نہ تو میری تساہلی ہے اور نہ ہی جان بوجھ کر اس ضمن میں کوئی گریز ہے.سب سے بڑا مسلہ وقت کا ہے. خدا جانتا ہے کہ بالکل سمجھ میں نہیں آتا کہ یہ چوبیس گھنٹے کہاں جاتے ہیں. اگر سچ پوچھیں تو یہ عالمی اخبار کسی دیمک کی طرح میری قلم کاری کو کھا رہا ہے اور ظلم یہ کہ مجھے اسکا احساس بھی ہے. شاید آپ یقین کر لیں کہ میں دن کے اٹھارہ گھنٹے تو عالمی اخبار کی نذر کر دیتا ہوں،پانچ یا چھ گھنٹے سوتا ہوں اور پھر بیرونی ممالک کے سفر اسفار بھی ہیں،گھر کا کام کاج بھی ہے،جینا مرنا بھی ہے، اسی وجہ سے نوے فیصد ادبی محافل میں نہیں جاتا. اب کوئی بتائے کہ کیا کرؤں. اپنی یاداشتیں تو ضرور لکھنی ہیں یا پھر میری بیٹی زہرا اور بیٹے محمد کے مشورے کے مطابق انہیں لکھنے کی بجائے مختلف مقامات پر وڈیو کر لیا جائے تو ایک نئی اختراع بھی ہوگی اور لکھنے سے بھی بچت ہو جائے گی. ویسے ابھی تک یاداشتوں کی کوئی وڈیو کم از کم میں نے نہیں دیکھی.
    اخبار کا کام سب جانتے ہیں کہ ہم ڈھائی لوگ کرتے ہیں. یہ خاکسار اور ڈاکٹر نگہت،جبکہ ادبی شعبہ عزیزی زرقا مفتی کے پاس ہے. دن میں چار یا پانچ بار اپ ڈیٹ کرنے کے لیئے وقت تو درکار ہے نا.
    اسی کی وجہ سے ایک عرصے سے کوئی کالم نہیں لکھ سکا.
    شاعری بھی بہت پس پشت جا چکی ہے
    میری مرثیہ نگاری متاثر ہوئی ہے
    مجھے اپنی والد کی خود نوشت مکمل کرنی ہے
    لگ بھگ تیس برس ہو گئے غزلوں نظموں کا کئی مجموعہ نہیں شائع ہو سکا. کوئی دو ہزار کے قریب غزلوں نظموں کی تدوین اور انتخاب ایک مسلہ ہے
    مرثیوں کی دو مجوعے ترتیب دینے ہیں
    ریڈیو اور باقی فنی زندگی کے بارے میں لکھنا باقی ہے
    کم از کم بیس بائیس ممالک کے سفر نامے تشنہ تکمیل ہیں
    کچھ تنقیدی اور تحقیقی کام ادھورا ہے
    اپنی ذاتی ویب سائٹ”””صفدر ھمدانی ڈاٹ کام ””کو ایک سال سے اپ ڈیٹ نہیں کیا.
    اور انکے علاوہ اور بھی بہت کچھ ہے جو کرنا ہے
    میں اکسٹھ برس کا ہو گیا ہوں.علم نہیں کتنی زندگی باقی ہے لیکن جو باقی ہے سوچتا ہوں کیا اس عرصے میں یہ سارا کام کیا ہو جائے گا.
    کیا کرؤں؟ اخبار کو بند نہیں کر سکتا کہ اسے ہم نے اپنی اولاد کی طرح پالا پے.اس سے کوئی مالی منفعت نہیں ہے بلکہ ایک مسلسل اور سعی پیہم ہے
    راشد میاں میں یہ بھی نہیں کہہ سکتا کہ آپ دعا کریں انشااللہ یہ سب کام ہو جائیں گے کیونکہ یہ سب کام عمل کے متقاضی ہیں.کریں گے تو ہوں گے. فقط دعا سے تو نہیں سکتے.
    یار زندہ صحبت باقی.
    زندگی کا سفر مختصر رہ گیا
    دو قدم پر ہے اب میرا گھر رہ گیا

  30. جناب محترم صفدر صاحب! (نگہت و زرقا صاحبہ)

    حضور آپ کا لکھا ایک ایک لفظ غور سے پڑھا، سمجھا، اور آپ کی بیان کردہ تمام باتوں کا اثر بھی لیا، آپ کی مجبوری سے واقف ہوا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    تنگی وقت کا عذر اور سند کے طور پر بیان کردہ آپ کی مصروفیات کے احوال سے صد فیصد متفق ہوں کہ کراچی شہر میں بحیثیت انجینر نوکری، ویب سائٹ، خودنوشت کی تلاش، کتابوں کی فکر جیسی مصروفیات سے نبردآزما رہتا ہوں اور یہاں تو بجلی کی آنکھ مچولی اور امن و امان کے مسائل گویا اضافی تحفے ہیں

    لیکن صاحب! اس خاکسار کو کچھ خود غرض ہوجانے دیجیئے اور یہ رائے دینے کی جسارت مرحمت کیجیے کہ اپنے بیان کردہ تمام جناتی منصوبوں کو ایک طرف رکھ، اپنی خودنوشت کو سپرد قلم کرنے کا کام سب سے پہلے شروع کیجیے چاہے اس کے لیے آپ کو 24 گھنٹوں میں سے 26 گھنٹے کیوں نہ نچوڑنے پڑیں! — اور ایسا کہنے میں اس لیے حق بجانب ہوں کہ یہ قرض ہے آپ کے اوپر آپ کے پڑھنے و چاہنے والوں کا!

    آپ بیتی کو ریکارڈ کروانا یقیننا ایک اچھوتا خیال ہے لیکن معافی چاہوں گا، میں اس کے سخت خلاف ہوں، اس لیے کہ کتاب بالخصوص یاداشتوں کو ہاتھ میں تھام کر پڑھنا، کیا کہنے —- ہاتھوں ہاتھ لی جاتی ہے، زندہ رہتی ہے — آج مجھے 50 برس پرانی کوئی کتاب کتابوں کے اتوار بازار سے ملتی ہے تو اس کلیے کی صداقت پر ایمان پختہ ہوتا ہے!

    اکرام بریلوی صاحب نے کینڈا میں بیٹھے بیٹھے یک دم فیصلہ کیا کہ انہیں
    اپنی یادشتوں کو قلم بند کرنا چایئے اور پھر 90 برس کے ٍ ضعیف آدمی نے کمر کس لی اور حال ہی میں ‘سرسری تم جہان سے گزرے‘ لکھ کر قلم کا قرض اتار ڈالا۔ برسبیل تذکرہ، آپ زاہد کاظمی (ہری پور ہزارہ/باب العلم لائبریری) سے تو ضرور واقف ہوں گے، وثوق سے اس لیے کہا کہ زاہد سے دنیا واقف ہے اور وہ ایک عالم سے آشنا! اس راہ (خودنوشت) پر مجھ کو لگانے والے وہ ہی تو ہیں — کل رات ان سے بات ہورہی تھی اور اکرام بریلوی صاحب کے ذکر پر انہوں نے اپنی جناتی ڈائری نکالی اور کینیڈا میں اکرام صاحب کا نمبر دے دیا!

    تو صاحب عمر کی بات نہ کیجیے، 61 برس تو کچھ نہ ہوئے اور یوں بھی شاعر لوگ ایسے ہی خیالات پر گرہ باندھتے ہیں:

    تیرے ہجر میں مجھ کو پتہ چلا
    میری عمر کتنی دراز ہے

    آپ نے کہا کہ ” میں یہ بھی نہیں کہہ سکتا کہ دعا کریں کہ یہ سب کام ہوجائے گا”

    کیوں صاحب! کیوں نہیں کہہ سکتے ہیں آپ، بالکل کہہ سکتے ہیں بلکہ آپ کہیں نہ کہیں، ہمارے ہاتھ دعا کے لیے اٹھ چکے:

    اللہ تعالی آپ کو لمبی عمر عطا کرے، صحت و سلامتی کے ساتھ اور آپ اپنے تمام منصوبوں پر احسن طور سے عمل کرہائیں!

    جو کام ہونا ہوگا، اس کے لیے راہ خودبخود ہموار ہوجائے گی! انشاء اللہ

    بائیس ملکوں کے سفرنامے جو تشنہ تکمیل ہیں، کیا ان میں ہندوستان کا سفر بھی شامل تھا ? اگر ہے تو براہ کرم اسے پہلے مکمل کیجیے گا

    ارے واہ صاحب! میری دیدہ دلیری تو دیکھئے کہ اپنے مطلب کی بات کہے جا رہا ہوں، فرمائیشوں پہ فرمائشیں — اب کیا کروں — ہندوستان کے سفرنامے جمع کرنے، پڑھنے کا شوق بھی تو ہے مجھے — اس لیے!

    خودنوشت سوانح حیات، خاکے اور ہندوستان کے سفرنامے! ——-

    پھر اسی بیوفا پہ مرتے ہیں
    پھر وہی زندگی ہماری ہے

    خیر اندیش
    راشد
    کراچی سے

  31. میں نعرۂ مستانہ، میں شوخیِ رندانہ-عابدہ پروین اور واصف علی واصف
    (راشد اشرف)

    — 27 نومبر 2010 کی ایک شام عابدہ پروین کو لاہور کی ایک محفل میں دوران گائیکی دل کا دورہ پڑا، موسیقی کے قدردانوں کے دل دھک سے رہ گئے۔۔۔۔۔۔۔ ان کے گنت چاہنے والوں کے ہاتھ دعا کے لیے اٹھے کہ خان صاحب نصرت فتح علی کے بعد اب یہی تو ہمارا سرمایہ ہیں۔ عابدہ، اسپتال میں انجیو پلاسٹی کے بعد صحت یاب ہوئیں!

    سرحد پار بھی بارے عابدہ کی بیماری، ایکسپریس ٹریبیون اور ٹائمز آٍف انڈیا اور دیگر کئی اخبارات میں آنا فانا ‘ پرچہ لگ گیا‘ — یادش بخیر، اسی کی دہائی کے اواخر (1989) میں احباب کو عمران خان کی دعوت پر سرحد پار سے ونود کھنہ، کبیر بیدی اور ریکھا کا پاکستان آنا اگر یاد ہو تو یہ بھی یاد ہوگا کہ ایک محفل موسیقی میں یہ عابدہ پروین ہی تو تھیں جن کی گائیکی پر ریکھا، کبیر اور ونود کھنہ جھوم جھوم اٹھے تھے!

    واصف علی واصف 18 جنوری 1993 کو انتقال کرگئے تھے، وہ عوامی حلقوں میں ایک صوفی کی حیثیت سے جانے جاتے تھے، اخبار نوائے وقت میں ان کے تواتر کے ساتھ لکھے گئے کالمز کے کئی مجموعے کتابی شکل میں شائع ہوچکے ہیں۔ واصف علی واصف کا ‘مزار‘ 25 بہاولپور روڈ نذد چوبرجی لاہور میں واقع ہے جہاں ہر سال رجب کی 22 سے 24 تاریخ کو ان کا عرس بھی دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔

    بعض چیزیں آپ پر یک دم کہیں سے نازل ہوتی ہیں اور آپ کو جکڑ لیتی ہیں، حاوی ہوجاتی ہیں، ایسی ہی ایک کیفیت سے یہ خاکسار بھی عابدہ پروین کے گائے ہوئے ایک کلام کو سن کر گزار تو سوچا کہ احباب کو شریک کیا جائے!

    پہلے تو واصف علی واصف کا یہ کلام ملاحظہ ہو کہ عابدہ پروین نے اسے گائیکی کے لیے منتخب کرکے سننے والوں پر گویا احسان کیا۔

    میں نعرۂ مستانہ، میں شوخیِ رندانہ
    میں تشنہ کہاں جاؤں، پی کر بھی کہاں جانا

    میں طائرِ لاہوتی، میں جوہرِ ملکوتی
    ناسوتی نے کب مجھ کو، اس حال میں پہچانا

    میں سوز محبّت ہوں، میں ایک قیامت ہوں
    میں اشکِ ندامت ہوں، میں گوہرِ یکدانہ

    کس یاد کا صحرا ہوں، کس چشم کا دریا ہوں
    خود طُور کا جلوہ ہوں، ہے شکل کلیمانہ

    میں شمعِ فروزاں ہوں، میں آتشِ لرزاں ہوں
    میں سوزشِ ہجراں ہوں، میں منزلِ پروانہ

    میں حُسنِ مجسّم ہوں، میں گیسوئے برہم ہوں
    میں پُھول ہوں شبنم ہوں، میں جلوۂ جانانہ

    میں واصفِ بسمل ہوں، میں رونقِ محفل ہوں
    اک ٹوٹا ہوا دل ہوں، میں شہر میں ویرانہ

    مندرجہ ذیل آڈیو لنک کی مدد سے آپ اسے بہ آسانی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہی۔ لنک ایک علاحدہ ‘ونڈو‘/کھڑکی میں کھول لیجیے اور سامنے آنے والے صفحے کے داہنی جانب نظر آنے والے تین حرفی انگریزی کوڈ کو داخل دفتر کیجیے اور اس نغمے کو محفوظ کرلیجیے!

    http://beemp3.com/download.php?file=7838521&song=Main+Naraye+Mastana+-+www.Song

    اس کلام کی ویڈیو کے لنکس یہ ہیں:
    http://www.youtube.com/watch?v=hfXmOeVH394
    اور
    http://www.youtube.com/watch?v=S30bmfLdZjk
    اور
    http://www.youtube.com/watch?v=vsaxc7bOnko

    رشید ندیم ایک شاعر ہیں، انہوں نے واصف علی واصف کے اس کلام پر گرہ لگائی ہے، اسے بھی ملاحظہ فرمائیے:

    سب سے مرا یارانہ…. اناالعشق اناالعشق
    کوئی نہیں بیگانہ …….اناالعشق اناالعشق
    اک روز مجھے دار پہ……. منصور نے پوچھا
    تم نے مجھے پہچانا … اناالعشق اناالعشق
    ہر آنکھ ھے وارفتہِ نظارہ…….. مجھے دیکھ
    اے نرگسِ مستانہ ….. اناالعشق اناالعشق
    عاشق ھو کہ معشوق سبھی روپ ہیں میرے
    ھو شمع کہ پروانہ ……. اناالعشق اناالعشق
    ھر ساجدومسجود کا ……مَیں قبلہِ مقصود
    مسجد ھو کہ بتخانہ … اناالعشق اناالعشق
    میرے لئے گونجے… سرِ مقتل ترے نعرے
    اے جرات رندانہ …. اناالعشق اناالعشق
    ھر آئینہ خانے میں…. مری جلوہ گری ھے
    بستی ھو کہ ویرانہ …. اناالعشق اناالعشق
    عکسِ رُخِ جاناں ھو کہ…… رقصِ دلِ بسمل
    ھے میرا صنم خانہ …. اناالعشق اناالعشق
    اے مجمعِ شوریدہ سراں… مل کے لگانا
    اک نعرہِ مستانہ ….. اناالعشق اناالعشق

    واصف علی واصف کی کہی ہوئی ایک بات درج کررہا ہوں:

    “انسان دوسرے کی دولت ریکھ کر اپنے حالات پر اس قدر شرمندہ کیوں ھوتا ھے۔یہ تقسیم تقدیر ھے۔ہمارے لئے ہمارے ماں باپ ہی باعث تکریم ہیں۔ ہماری پہچان ہمارا اپنا چہرہ ھے۔ہماری عاقبت ہمارے اپنے دین میں ھے۔اسی طرح ہماری خوشیاں ہمارے اپنے حالات اور ماحول میں ہیں۔ہم یہ نھیں جان سکتے کہ فلاں کے ساتھ ایسا کیوں اور ہمارے ساتھ ویسا کیوں ہے۔
    حضرت موسٰیٴ نے اللہ تعالٰی سے پوچھا ،
    “اے رب العالمین! آپ نے چھپکلی کو کیوں پیدا کیا؟ “
    اللہ تعالٰی نے جواب دیا “عجب بات ھے ابھی ابھی چھپکلی پوچھ رہی تھی ،اے رب العالمین آپ نے موسٰیٴ کو کیوں پیدا کیا؟“
    بات وہی ھے کہ انسان اپنے نصیب پر خوش و راضی رہے تو ہی اسے اطمینان حاصل ہوگا۔ نصیب میں تقابلی جائزہ ناجائز ہے۔”

    خیر اندیش
    راشد اشرف
    کراچی سے

  32. راشد آختر صاحب اتنا بڑا ادب کا خزانہ آپ کے پاس کیا کہنے.خوش بصیب ہوتے ہیں وہ جو ادب سے محبت کرنے والوں سے ان کی زندگی میں ان کی قدر کریں اور ان سے کچھ حاصل کر کے فائدہ اُٹھا لیں.مگر ایسے کہاں ہوتا ہے ہمیں ہمیشہ احساس اسی وقت ہوتا ہے جب ہم بہت کچھ کھو چکے ہوتے ہیں ..ماشئااللہ آپ کی معلومات سے مجھے تو بہت فائدہ ہوا.جن کتابوں کا حوالہ میرے پاس نہیں تھا .وہ بھی آج میری یاد میں شامل ہو کر میری ڈائری کے صفحات پر ہمیشہ کے لیے لفظوں کی صورت محفوظ ہو چکی ہے..واصف علی واصف گو ہم میں موجود نہیں مگر لفظوں کی صورت ہم میں موجود رہیں گے.رشید ندیم جو شاعر ہیں انہوں نے واصف علی واصف کے کلام کو گرہ خوب لگائی ہے.
    اللہ آپکا حامی وناصر ہو.بہت سی دعا کے ساتھ

  33. اہل ذوق احباب کو نوید ہو کہ رضا علی عابدی کی خودنوشت آپ بیتی بعنوان ‘ریڈیو کے دن‘ شائع ہوگئی ہے۔ یہ ان کے بی بی سی ریڈیو میں گزرے ایام کی داستان ہے

    عابدی صاحب 50 برس سے زاہد عرصۃ تک ریڈیو سے وابستہ رہے۔ کراچی کے روزنامہ جنگ اور حریت میں کام کیا۔ 1965 کی پاک بھارت جنگ کی رپورٹنگ محاذ سے کی۔ 1972 میں بی بی لندن سے وابستہ ہوئے اور 1996 میں وہاں سے ریٹائر ہوئے!
    یادش بخیر، سن نوے کی دہائی میں شائع ہوئی اردو ادب میں مزاح نگاری کے پہلے ستون مانے جانے والے مشتاق یوسفی کی آب گم پڑھنے میں جو لطف آیا تھا وہ آج تک یاد ہے۔ اس دوران ہزارہا کتب نظر سے گزریں لیکن آج سچ پوچھئے تو آب گم کی یاد تازہ ہوئی ہے۔

    کون بھول سکتا ہے عابدی صاحب کے جرنیلی سڑک اور شیر دریا جیسے سلسلے جو بعد ازاں کتابی شکل میں شائع ہوئے۔ یوں کہ گویا قاری ان کے ساتھ ساتھ سفر کررہا ہو! — اسی کی دہائی کے اواخر میں ہم تو کالج میں پڑھا کرتے تھے (آج ‘اسکول‘ میں ہیں) لیکن اتنا یاد ہے جن دنوں بی بی سی ریڈیو سے اس کی قسط نشر ہوتی تھی، اس شام پڑھے لکھے لوگوں میں اسی کا چرچا رہتا تھا!

    ریڈیو کے دن سے پٹنہ و بھوپال کا ذکر شامل کررہا ہوں، مشکل آن پڑی ہے کہ کیا چھوڑا جائے اور کیا شامل کیا جائے، فی الحال اسی پر اکتفا کیجیے

    ریڈیو کے دن کے بعد جلد ہی ان کی دوسری خودنوشت “اخبار کی راتیں” بھی شائع ہونے والی ہے

    رہڈیو کے دن

    ناشر: سنگ میل پبلیکیشنز لاہور

    قیمت: 400

    صفحات: 192

    رابطہ ناشر: 042-3423722

    اس کتاب میں ایک مضمون “سدھو بھائی شاہین کلب والے” بھی شامل ہے —-

    کہیے کچھ یاد آیا ?

    خیر اندیش
    راشد اشرف
    کراچی سے

  34. معافی چاہوں گا کہ شامل کرنے کا اختیار یہاں دستیاب نہیں لہذا سہو سمجھ کر درگزر کیجیے گا

  35. محترم صفدر صاحب، آداب

    گزشتہ دنوں اے حمید مرحوم کی صاحبزادی نے خاکسار کو اپنے والد کی چند انتہائی یادگار تصاویر عنایت کیں، لگ بھگ 50 تصاویر ہیں جنہیں درج ذیل لنک پر اپ لوڈ کردیا ہے:

    http://www.flickr.com/photos/rashid_ashraf/

    خیر اندیش
    راشد اشرف
    کراچی سے

  36. انا للہ وانا الیہ راجعون
    اے حمید صاحب کی وفات ایک ناقابلِ تلافی ادبی نقصان ہے۔ ان کی تخلیقات جیسے “زرد گلاب” اور “عینک والا جن” نے کئی نسلوں کو متاثر کیا۔ ان کی رومانوی تحریریں اور تخیلاتی انداز ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جیسے سورة الانفطار مكتوبة دل پر اثر ڈالتی ہے، ویسے ہی ان کی تحریروں نے قارئین کے دل جیتے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔ آمین۔

    سورة الانفطار مكتوبةپڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *