حرم کعبہ کے پہرے دار

آج تک میری حیرت نہیں گئی کہ رمضان میں جب ساری دنیا کشاں کشاں حرم کعبہ میں میں پہنچتی ہے تو عبادت و ریاضت کا ایک ایسا روح پرور سماں ہوتا ہےکہ دیکھتے ہی بنتا ہے ۔ لیکن حرم شریف میں وہ روزانہ کی پنج وقتہ نماز ہو یا جمعہ کی نماز یا تروایح کی نماز یہاں بھی بلاوجہ امام صاحبان کے ارد گرد حرم شریف کی پولیس پہرہ دیتی رہتی ہے ۔ہر شخص نماز ادا کرتا ہے لیکن امام کے پہرے میں کھڑی پولیس اپنیئ ڈیوٹی پر تعنیات ہوتی ہے ۔ اس کی وجہ سمجھ میں نہیں آتی کہ ایسا کیوں کیا جاتا ہے ۔ ایسے مقام پر جہاں ہر شخص صرف عبادت کے لیے حاضر ہوتا ہے اور زیادہ تر زائرین وہ ہوتے ہیں جو شاید زندگی میں پہلی بار جاتے ہیں ، انھیں امام حرم سے کیا دشمنی ہو سکتی ہےکہ وہ ان پر حملہ کریں او ر کون سا ایسا شخص ہوگا جو حرم میں جہاں قتل وخون حرام ہے وہاں ایسی حرکت کر سکتا ہے ؟ ماضی میں شاید ایک دو ایسی واردات ہوئی ہوں لیکن اس کی بنیاد پر نماز کے دوران بھی حرم کعبہ کے امام کے لیے سپاہیوں کو پہرے میں کھڑے رہنے کا جواز سمجھ میں نہیں آتا۔اس کا ایک منفی پیغام یہ بھی جاتا ہے کہ پہرہ اس لیے ضروری ہے کہ یہاں کوئی واردات ہوسکتی ہے ۔ جبکہ ایسا بالکل نہیں ہے ۔ اس لیے سعودی حکمرانوں کو چاہیے کہ پہلی فرصت میں اس طرح کے نازیبا اور غیر ضروی پہرے کو ہٹائیں ۔ اور حرم کے اماموں کو بھی غور کرنا چاہیے کہ جب سب لوگ عبادت میں کھڑے ہوں تو ایسے میں سپاہیوں کا اللہ کے حضور کھڑا ہونے کے بجائے امام کے پہرے میں کھڑا ہونا کیسے جائز ہے۔

25 thoughts on “حرم کعبہ کے پہرے دار”

  1. برادر عزیز خواجہ اکرام. بہت اہم موضوع ہے.دراصل کسی محقق کی یہی آنکھ ہوتی ہے جو اسے وہ دکھاتی ہے جو عام آدمی کو نظر نہیں آتا. کتنے لاکھوں بلکہ کروڑوں لوگ اس مقام پر جاتے ہیں لیکن کتنے ہیں جنکو اس بات کا احساس ہوا ہو. میں مانتا ہوں کہ اس دور میں سیکیورٹی ایک بہت بڑا مسلہ ہے لیکن جسقدر پولیس ایک فرد کی حفاظت کے لیئے متعین کی جاتی ہے تو کیا اس سے کسی بُری گھڑی کو روکا جاسکتا ہے؟ اور پھر یہ لوگ تو وہ ہیں جن کا اللہ کی ذات اور موت و حیات پر یقین ہم جیسے عام لوگوں کی نسبت زیادہ ہونا چاہیئے. ایک اور اہم بات یہ کہ اللہ کے گھر میں تو سب برابر ہیں .اگر امام بلکہ پیش امام کے لیئے اتنی سیکیورٹی ہو تو عام لوگوں کے لیئے کیوں نہیں. گویا پیغام یہ ہے کہ عام زائر جائے بھاڑ میں مرتا ہے تو مرے. بس بادشاہوں کے متعین ایک پیش امام کو بچا لیا جائے. یہ اپنی طرز کی سعودیوں کی بدعت ہے

  2. کہتے ہیں خدا کی بارگاہ میں سب برابر ہیں کوئی چھوٹا یا بڑا بادشاہ یا فقیر نہیں ۔۔ لیکن ایسے اشخاص جن کو حرم مبارک کے اماموں کا رُتبہ ملا ہو اُن کے بیان اور عمل کا یہ کھولا تضاد ہے اُن کی اُن تمام تقریروں کی نفی کرتا ہے جو روز ہی وہ دُنیا بھر کے مُسلمانوں کو درس کی صورت دیتے ہوں گے ۔

    ایک شخص جو خدا کے گھر میں امام بنا لاکھوں مسلمانوں کو نماز پڑھوا رہا ہے اس کا خدا کی ذات پر عقیدہ کامل ہونا چاہے اسے اس بات کا کامل یقین ہونا چاہے کے زندگی اور موت صرف خدا کے ہاتھ میں ہے اور مقرر کیا گیا وقت جب آئے گا تو دو لاکھ سپاہی بھی جان نا بچا سکیں گے ایسی جان جو ایک دن مقرر وقت آنے پر جانی ہی ہے اس کے لئے نجانے کتنے مسلمانوں کی فرض نماز قضا کروانے والے کو کس طرح سے کسی ایک شخص کی نماز کی بھی امامت کرنے کا اختیار دینا اسلامی ہے ؟ خدا کے رسول (ص) کے جگر کا خون صحراؤں میں بہایا گیا مگر اُنہوں نے نماز کا قائم کر کے ایک لافانی درس دیا کے سروں پر تیروں کی بارش ہو رہی ہو اور وقت نماز آ جائے تو نماز کے قیام کو جان سے عزیز رکھنا ہی مومن کی نشانی اور شان ہے ۔۔ امام صاحبان کا زبانی نماز کی اہمیت کا پرچار کرنا اور زبانی کلامی درس دینا ایک منافقت ہے اس لئے کہ اُن کی زبان کُچھ کہہ رہی ہے اور دوران ِ نماز بھی پہرے داروں کو کھڑا رکھنا حفاظت کی غرض سے ایک کھولا ہوا عمل ہے جو یہ سمجھانے کے لئے کافی ہے کہ اُن کی جان اتنے بہت سارے مسلمانوں کی فرض نماز سے بڑھ کر ہے ۔۔۔ سعودی حکومت کا یہ طرز عمل شرمناک ہے اور امام ِ کعبہ کا اس سے انکار نہ کرنا اور بھی مقام شرم ہے ۔۔ ہو سکتا ہے کہ اُن سے سوال کیا جائے تو وہ کہ دیں کہ نماز کا وقت موجود ہوتا ہے جب امام نماز مکمل کر لیتے ہیں تو سپاہی اپنی ڈیوٹی تبدیل کر لیتے ہیں اور جو سپاہی دوران ِ نماز پہرا دیتے رہے ہیں وہ نماز ادا کر لیتے ہیں نماز قضا ہونے سے قبل ۔۔ مگر اس کے باوجود بھی ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ نماز کو اس کے افضل وقت میں ادا کرنا ہی احسن ہے اور افضل وقت کیا ہے وہ یہاں موجود پڑھے لکھے صاحب عقل خواتین و حضرات کو بتانا میں بے ادبی سمجھتی ہوں ۔۔ بس یہ ہے کہ خدا سمجھے ان لوگوں کو ۔۔

    ان عربیوں کو سارے جہان میںا سلام میں ہوتی بدعت نظر آتی ہے مگر خود کی اتنی منافقانہ حرکت کے لئے بھی یہ لوگ اپنا کوئی نہ کوئی فلسفلہ بنا لیں گے ۔۔

  3. ایک بات ہے جو میں بہت عرصے سے محسوس کر رہی ہوں کہ جس طرح پہلے ہمارے عالمی اخبار میں رونق ہوا کرتی تھی اب بلکل بھی اس طرح نہیں ہے سارا ماحول ہی بدل گیا ہے پہلے موضوع کُچھ بھی ہوتا تھا مگر کتنے افراد تھے جو تبصرہ کرتے تھے۔ مگر اب کتنا ہی اچھا موضوع ہو مگر عالمی اخبار کے خاندان کے افراد بہت ہی کم توجہ کرتے ہیں ورنہ کس قدر تبصرے کئے جاتے تھے جن کی بدولت ہم سب کے علم میں اضافہ ہوتا رہتا تھا کسی نہ کسی کی کوئی بات کوئی اور سوچ کا پہلو دکھا دیتی تھی ۔۔ اور بات چلتی چلی جاتی تھی ۔۔ مگر اب کس قدر کم افراد رہ گئے ہیں تبصرا کرنے والے ۔۔ خدا سے دُعا ہے کہ اس گھر کی رونقیں پھر سے بحال کر دے جلد از جلد آمین ۔۔۔

  4. پیاری ثمرین جس طرح لوٹتے ہوئے تمہیں مہینوں لگ گئے باقی بھی سب لوگ ایک ایک کر کے واپس آ ہی جائیں گے ۔۔ اور اگر نہ بھی لوٹے تو ہم ان کا کیا بگاڑ لیں گے ۔۔ ہم تو صرف آواز ہی دے سکتے ہیں سو دیتے رہتے ہیں اور چاہے وہ فون کی شکل میں ہویا ای میل میں ۔۔ سننا اور واپس آنا ۔۔ اور آ کر لکھنا کچھ ایسا ہے کہ نہ تومدیر اعلی کے بس میں ہے اور نہ ہی نائب کے پاس اختیار ۔۔ سو دیکھتے ہیں کہ کب بلاگ کی رونقیں واپس لوٹتی ہیں ۔ ۔

    دوسری بات یہ بھی ہے کہ آج تک کس نے کتنے لوگوں کواس جانب مائل کیا ہے کہ وہ بھی بلاگ میں آ کر لکھیں ۔۔ اگر اس گھر کا ہر فرد کسی ایک ہی فرد کو اس جانب یعنی لکھنے پر مائل کر سکے تو یہ بھی اخبار کے لئے اس کی جانب سے ایک بہت بڑا حصہ ہو گا ۔۔ لیکن ثمرین شرط تو اسی بات کی ہے نا کہ وہ فرد بھی اس گھر کو اپنی فیملی سمجھے تو ۔۔ غیروں کی طرح تو اپنے بھی گھر آ یا جائے تو وہ بھی پرایا ہی لگتا ہے ۔۔۔

  5. عزیزم ثمرین جیتی رہو.میں خواجہ اکرام کے اس بلاگ کے موضوع کا رخ تبدیل نہیں کرنا چاہتا لیکن بامر مجبوری یہاں جواب دے رہا ہوں کہ یہ موضوع یہیں چھیڑا گیا ہے. ویسے آپ چاہیں تو اس پر الگ بلاگ شروع کر لیجیئے
    آپ نے بلاگیوں کے حوالے سے جس جانب توجہ دلوائی یہ بات تو ہم نے بھی محسوس کی ہے لیکن جو استدلال ڈاکٹر نگہت نسیم نے دیا اسکے بعد شاید میرے کچھ کہنے کی گنجائش نہیں ہے.تا ہم ایک بات ضرور عرض کرنا چاہتا ہوں کہ میرے ذاتی فلسفے کے مطابق افراد کی تعداد نفاق کے علاوہ کسی اور کام کے لیئے بھی بہت اشد ضروری نہیں. ایسے نظریاتی اور فکری کام ایک ایک دودو لوگ بھی کرتے ہیں. دوسری بات یہ ہے کہ یہ کام پیسوں والا نہیں ورنہ ایسا مجمع ہوتا یہاں کہ کسی کو لکھنے کا موقع ہی نہ ملتا. یہ تو دو چار ہم جیسے سر پھرے ہیں جو صحرا میں بھی اذان دیتے رہتے ہیں. بڑی ایمان داری سے اور اپنی روایتی صاف گوئی سے یہ عرض کرؤں کہ میرا اللہ گواہ ہے کہ اس بلاگ پر اگر ایک لکھنے والا بھی نہ آئے تو کم ازکم میں اور ڈاکتڑ نگہت بشرط زندگی لکھتے رہیں گے.اگر کسی کو یہ غلط فہمی ہے تو دماغ سے نکال دے کہ وہ اس بلاگ پر کچھ لکھ کر عالمی اخبار کو یا ہمیں کوئی مشہوری دے رہا ہے.یہ تو خود لکھنے والے کے لیئے باعث عزت ہے کہ وہ اس چنیدہ لوگوں کے فورم میں لکھتا ہے. ویسے بھی میں ایک زمانے سے یہ لکھتا آ رہا ہوں کہ جب چڑیا کے بچے کے پر نکل آتے ہیں اور وہ اڑنا شروع کرتا ہے تو سب سے پہلے اپنی ماں کو یہ کہتا ہے ماں تم کچھ ٹیڑھی ٹیڑھی اڑتی ہو. آپ کے علم میں ہے کہ اس بلاگ فیملی میں بہت سے لوگ آئے اور چلے گئے اور کچھ تو جا کر ایسے گمنام ہوئے کہ اب واپسی میں بھی شرم مانع ہے. ایک بات طے ہے کہ یہ عالمی بلاگ کوئی ہجوم اور مجمع نہیں اور نہ ہی ہم اسے ہجوم بنانا چاہتے ہیں. یوں بھی دنیا بھر میں اہل فکر کی تعداد بہت کم ہے. اب میں یا ڈاکٹر نگہت کسی کو گھر سے بلوا کر لانے سے رہے.
    رہی یہ بات کہ لوگ مصروف ہوتے ہیں تو معاف کیجئے گا کہ ہم بھی کوئی ایسے فارغ نہیں. اگر اپنی اور ڈاکٹر نگہت کی مصروفیت کی تفصیل لکھوں تو ایک الگ بلاگ بن جائے لیکن اسکے باوجود ہم لکھتے ہیں اور اسکی واحد وجہ فقط اور فقط کمٹمنٹ ہے.جو لکھنے کو آئے بسم اللہ اور جو نہ آئے اسکا تو بہت بہت بہت شکریہ.

  6. جناب ڈاکٹر اکرام صاحب۔ مجھے تو ابھی تک اس مقدس بارگاہ میں حاضری کا اذن نصیب نہیں ہوا۔ مگر آپکا کھینچا گیا نقشہ ٹی وی پر تقریبا” روز ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ حرم سے متعلق ایک طبقہ وہ ہے جو خادمان حرمین شریفین اور آئمہءکعبہ کی تعریفیں کرتا نہیں تھکتا، جبکہ بعض احباب نے کچھ حقائق ایسے بھی بتائے ہیں جنہیں سن کر نہ صرف شرم آتی ہے بلکہ غصے کا حرام جذبہ بھی غالب آجاتا ہے۔ میں نے باوثوق دوستوں سے یہ بھی سنا ہے کہ یہ شرطے مؤمنین و زائرین کی ہتک کرنے اور انکی عبادات میں رکاوٹ ڈالنا بھی اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔ بات بات پر “بدعت بدعت” اور “فقط اللہ فقط اللہ” کے نعرے بلند کرتے ہوئے اپنے دل کا حال کہتے ہوئے عاشقان کے دل بھی چکنا چور کرتے رہتے ہیں۔ ان باتوں کو سن کر تو ایسا لگتا ہے کہ قبلہءاول کی طرح یہ خانہءخدا بھی کسی کے قبضہءقید میں ہے۔
    یہ سب یقینا” خانہءخدا کی توہین و اہانت ہے جسکا سلسلہ فی الفور بند ہونا چاہیئے۔

  7. حرمین شریفین پر نجدیوں وہابیوں کا قبضہ ہے اور وہابی نجدی اپنے عقائد پر نہ صرف خود کاربند ہیں بلکہ ذرہ برابر بھی کسی میں اپنے عقائد کے خلاف پاتے ہیں اس کے سو جان دشمن بن جاتے ہیں بلکہ اب تو یہ حال ہے جو ان کے معمولات کے خلاف کرے یا ان کے پیچھے ان کی اقتداء میں نماز نہ پڑھے اسے گرفتار کیا جاتا ہے۔ (ان حالات سے ہر حاجی اور عمرہ کرنے والے تمام واقف ہیں۔ اویسی غفرلہ)
    ہم پہلے وہابی نجدی کا تعارف ضروری سمجھتے ہیں تاکہ حقیقت اوجھل نہ رہے۔

    محمد عبدالوہاب کا مختصر تعارف
    جناب شوکت صدیقی 14 تا 21 مئی 1976ء کے الفتح میں لکھتے ہیں۔

    اہلسنت اور وہابیوں کے اختلاف لگ بھگ ڈھائی سو سال پرانے ہیں۔ ان اختلافات کا آغاز تحریک وہابیت سے ہوا جس کے بانی محمد ابن عبدالوہاب نجدی تھے وہ 1703ء میں اعلینہ کے مقام پر پیدا ہوئے انہوں نے ابتدائی تعلیم بصرہ اور مدینہ منورہ میں حاصل کی عربوں نے اس وقت کے مسلم معاشرہ کی اصلاح کے لئے آواز بلند کی اور اتحاد اور اصلاح کے نام پر دل آزاری اور گستاخی کی حد تک سخت تنقید کی اور ان کے پیرو نے مسلمانوں کو دائرہ اسلام سے خارج قرار دیا محمد ابن عبدالوہاب نجدی نے جوش خطابت میں احادیث کو “خرافات کا پلندہ“ بتایا اپنے رسالوں اور اپنی تصانیف میں اسوہ رسول کو کمتر ثابت کرنے کی کوشش کی اور برملا ایسی باتیں کہیں جن سے تکفیر کی بُو آتی تھی چنانچہ وہ حکام کی خفگی اور عتاب کے مورد بنے انہیں جلاد وطن کر دیا گیا.

    آخر انہیں “داریہ نجد“ کے ہمسایہ حکمران امیر محمد ابن مسعود کے دربار میں پناہ لینے پر مجبور ہونا پڑا۔ رفتہ رفتہ وہ امیر سعود کی حکومت کے دینی پیشوا اور نگران بن گئے۔ دونوں نے مل کر ترکوں کے خلاف جنگ کی اور 1765ء تک نجد کا ایک بڑا حصہ فتح کر لیا اس سال امیر محمد مسعود کا انتقال ہوا اور ان کا بیٹا عبدالعزیز ان کا جانشین ہوا امیر عبدالعزیز کے عہد میں نظام حکومت براہ راست محمد ابن عبدالوہاب نجدی کی نگرانی میں آگیا . 1792ء میں ابن عبدالوہاب کا انتقال ہوا مگر جب تک وہ زندہ رہے نجد کی حکومت اور ان کے حکمران ان کے زیر نگرانی رہے انہوں نے نجد کے لوگوں کو اپنے عقائد میں اس طرح ڈھالا کہ مسلمانوں میں ایک نیا فرقہ وجود میں آیا جو وہابی کہلایا ابن عبدالوہاب کے انتقال کے بعد بھی وہابیوں کی سلطنت کی توسیع کا سلسلہ جاری رہا حتٰی کہ پورا نجد ان کے قبضے میں آ گیا.

    وہابیوں نے اپنے عقائد کی توسیع و ترویج میں انتہا پسندی سے کام لیا انہوں نے مسلمانوں پر ہر قسم کا ظلم و تشدد ڈھایا حتٰی کہ دیوبند کے ممتاز عالم مولانا حسین احمد مدنی کو بھی جو اپنے عقائد کے اعتبار سے وہابیوں سے قریب نظر آتے تھے وہابیوں کے جورستم کا اعتراف کرتے ہوئے محمد ابن عبدالوہاب نجدی اور اس کے مقلدین کے بارے میں یہ کہنا پڑا۔

    صاحبو ! محمد ابن عبدالوہاب نجدی ابتداً تیرہویں صدی ہجری میں نجد سے ظاہر ہوا اور چونکہ خیالات باطلہ اور عقائد فاسدہ رکھتا تھا اس لئے اس نے اہلسنت و الجماعت سے قتل و قتال کیا ان کے اموال کو غنیمت کا مال اور حلال سمجھا گیا ان کے قتل کرنے کو باعث ثواب و رحمت شمار کرتا رہا اہل عرب کو خصوصاً اہل حجاز کو عموماً اس نے تکلیف شاقہ پہنچائیں سلف صالحین اور اتباع کی شان میں نہایت گستاخی اور بے ادبی کے الفاظ استعمال کئے بہت سے لوگوں کو بوجہ اس کی تکلیف شدیدہ کے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ چھوڑنا پڑا۔ ہزاروں آدمی اس کے اور اس کی فوج کے ہاتھوں شہید ہوگئے دراصل وہ ایک ظالم، باغی، خونخوار اور فاسق شخص تھا۔ (الشہاب الثاقب ص 42)

  8. فیصلہ حبیب کبریا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم

    حدیث شریف میں ہے۔ ان رجلا ام قوما فبصق فی القبلۃ و رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ینظر قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حین فرغ لا یصلی لکم فاراد بعد ذلک ان یصلی لھم فمتعوہ واخبروہ بقول رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فذکر ذالک لرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نعم وحسبت انہ قال انک اذیت اللہ و رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔ (رواہ ابو داؤد ص 76 ج1)
    اصحاب نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے احمد رضی اللہ تعالٰی عنہ نے روایت کی کہ ایک آدمی نے قوم کو جماعت کرائی اور قبلہ رُخ تھوک دیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دیکھ رہے تھے۔ جب فارغ ہوا تو آپ نے فرمایا اس کے بعد یہ شخص جماعت نہ کرائے اصحاب مصطفٰے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس شخص کو منع کردیا اور اس شخص کو بھی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے سرور عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس فیصلے سے متنبہ کردیا اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صورت حال عرض کی آپ نے فرمایا کہ تونے اللہ اور رسول کو اذیت تکلیف پہنچائی ہے۔

    فائدہ :۔
    سرور عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کے پرسار (عاشق) سے اپیل ہے کہ غور فرمائیں کہ صرف کعبہ مکرمہ کی طرف تھوکنے والے امام (صحابی) کو خود سرور عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امامت سے ہٹا دیا بلکہ وہی امام دوبارہ امامت کی جراءت کرتا تو صحابہ کرام رضی اللہ تعالٰی عنہم اس کی امامت قبول نہیں کرتے۔ بتائیے اس امام کی نماز کس کھاتے میں جائے گی جو کعبہ کے آقا بلکہ کعبہ کے کعبہ حضرت محمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا گستاخ ہے اور وہ امام تو کعبہ کی سمت (جو مدینہ طیبہ سے تخمیناً تین سو میل دورہے) کو تھوکتا ہے تو امامت کے لائق نہیں

    سوچنے کی بات یہ ہے کہ جو اپنی حفاظت کے لئے پہرہ داروں کو نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دیتے ایسے بے ادب گستاخ کے پیچھے نماز کیاہو گی

  9. اجرکم اللہ ڈاکٹر نگہت صاحبہ.یہی قلمی اور فکری جہاد ہے. اللہ اور اسکے نبی کی سرزمین اور انسانی ٍحقوق کے نام سے ناآشنا. ان ظالم امریکیوں کویہاں بدترین قسم کی آمریت میں بھی جمہوریت نظر آتی ہے.

  10. تمام احبا ب کا بہت شکریہ کہ اس بلاگ کو اپنی فکر انگیز اور پر مغز آرا سے با معنی بنایا، بھائی صفدر صاحب نے جن الفاظ سے اس کو سراہا ہے اس کا شکریہ مللهجبکہ میں اس کا حقدار نہیں اور نگہت باجی نے جن پہلووںکا اضافہ کیا ہے وہ ان کی نظر اور علمی سخاوت ہے کہ انھوں نے ہمیں فیضیاب کیا، ثمرین صاحبہ میں بھی اس کا شاکی اور اس سے زیادہ مجرم کہ میں بھی بہت غائب رہتا ہوں، لیکن آپ کی باتوں نے پھر سے برابر شامل ہونے کی ترغیب دی ہے۔ قمر رضوی صاحب آپ کے دل میں جو غم و غصہ ہے وہ شاید 70 فیصد زائرین کا غماز ہے ۔ میں خود اپنے دل کی بات بتاوں کہ گزشتہ دو برسوں اپنے دل کے کرب کو نہیں لکھ سکا ، سوچتا ہوں کہ کہیں ان مقدس شہروں اور مقامات کی شان میںگستاخی نہ ہوجائے ۔ ورنہ جدہ میں اترنے کے بعد سے ہی بد سلوکیوں کا جو سلسلہ شروع ہوتا ہے وہ نا قابل بیان ہے ۔ صرف ایک بات یہ بتاتا چلوں کہ حرمین شریفین میں بھی عقیدتوں کے اظہار پر پہرہ دار متعین ہیں ۔
    اور اس بلاگ کی ایک تکلیف دہ کہانی اور بھی ہے ۔ میں نے بد قسمتی سے اسے فیس بک پر اپ لوڈ کر دیا ، شاید آدھے گھنٹے میںبد تمیزیوں کا جو سلسلہ شروع ہوا اسے آپ محسوس نہیں کر سکتے بات گالی گلوج تک پہنچ گئی اور تدارک کے لیے میں نے فوراًً اسے ڈیلیٹ کر دیا، اس سے یہ پتہ چلتا ہے ہے کہ سعودی حکومت کے ایجنٹ اور بھی جگہوں میں موجود ہیں ۔ آپ انھیں کیا کہیں گے جنھوں نے عرب کو بھی اپنے نام سے منسوب کر کے سعودی رنگ میں رنگ دیا۔
    اللہ انھیں عقل سلیم دے، اب تک اللہ نے انھیں ان مقدس مقامات کے صدقے محفوظ رکھا ہے ورنہ ان کی شر انگیزیاں کسی وقت بھی غضب الٰہی کا شکار ہو سکتی ہیں۔

  11. اسلام علیکم
    پہلے تو اپنی غیر معنوی لمبی غیر حاضری پر معذرت خواہ ہیں ، محترم صفدر ھمدانی صاحب نے درست فرمایا کہ لکھنے والے کہ لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ ان چنیدہ لوگوں کے فورم میں لکھ رہا ہے (میرے اپنے خیال میں) جو بے لوث اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار اپنی غیر متزلزل صحافتی ذمہ داریاں بحسنِ خوبی ادا کررہے ہیں۔
    خواجہ اکرام صاحب نے بہت نازک مسئلہ کی جانب تمام احباب کی توجہ مبذول کروائی ہے ، اللہ کے گھر میں اللہ کے حصار میں کھڑے ہو کر اس کی عظمت اور بزرگی کا اعتراف کرنے والے دور دور سے آئے ہوئے زائرین کرام کی نمازوں کی امامت کروانے والے ایک دنیاوی امام کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ (اپنی حفاظت کے لیے) اسلحہ سے لیس فوجی اہلکاروں کے حصار میں نماز پڑھائے ، نگہت آپی نے ان نام نہاد مسلمانوں (وہابیوں کے) کے کالے قوانین کے بارے میں بہت پرمغز اور سیر حاصل گفتگو کی ہے اللہ آپ کو اجرِ عظیم دے ھم بھی اس فورم سے صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں اور سعودی حکمرانوں سے فی الفور ان کالے قوانین کا خاتمہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں

  12. اسلام و علیکم

    بہت ہی محترم اور بہت قابل احترام سر

    آپ کی بات سے بلکل اتفاق کرتی ہوں ویسے یہ ہی حقیقت ہے کہ اگر بات پیسوں کی ہوتی تو لوگ شمار کرنا بھی آپ کے میرے بس سے باہر ہوتا ۔۔ ۔ مگر خیر لکھ کر کوئی کسی پر احسان نہیں کر رہا یہ بلکل سچی بات ہے لکھنے سے ہمارا ہی بھلا ہے ۔۔ میری تو اب یہ ہی کوشش ہے کہ جس قدر بھی ہو میں روز ایک بار اخبار پر ضرور آتی ہوں پھر آدھی رات کو یا دن کو کسی وقت ۔ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ عالمی اخبار میرا گھر ہے اعر یقین جانیں جو اس اخبار کو گھر سمجھیں گا وہ کتنی ہی تاخیر کے بعد بھی لوٹے پر لوٹتے ہوئے اسے شرمندگی محسوس نہیں ہونی چاہئے اس لئے کے گھر آتے ہوئے سکون محسوس ہوتا ہے ۔۔ اور گھر والے ہمیشہ کھولے دل سے لوٹ آنے والے کو خوش آمدید کہتے ہیں اس گھر کا جو بھی مکین جب بھی لوٹے گا ہم اس کو خوش آمدید کہیں گے انشا اللہ ۔

    اور آپ لوگ میرے استاد ہیں ۔ مُجھے کل بھی آپ لوگوں سے سیکھنے کو ملا آج بھی اور انشا اللہ جب تک زندگی ہے میں آپ سب سے علم کی باتیں سمیٹتی رہوں گی ۔۔

    آخر میں مُعافی چاہتی ہوں ک اس بلاگ میں نے پھر سے یہ بات شروع کر دی میرا خیال ہے کہ سچ میں اس کے لئے ایک الگ بلاگ ترتیب دے لیا جائے تو بہتر رہے گا ۔

    طالب دُعا

    سیدہ ثمرین بخاری

  13. جزاک اللہ سیدہ ثمرین بخاری سلامت رہو. احسان مندی کا حامل فرد زندگی کے کسی شعبے میں کبھی ناکام نہیں ہوتا. احسان مندی بھی عطائے پروردگار ہے.خوش رہو اور خوب لکھتی رہو

  14. اکرام بھائی میں کیامیری بساط کیا ۔۔ ہاں البتہ مصباح بھائی ا س موضوع پر بڑی تفصیل دے سکتے ہیں ۔۔ آپ سب دعا کریں کہ اللہ کریم انہیں اپنے حبیب کے صدقے صحت وشفا عطا فرمائے اور وہ جلد از جلد اپنی پوری رونقوں کے ساتھ دوبارہ اس فورم پر ہم سب سے اپنا علم بانٹیں ۔۔ اللہ انہیں ہر تکلیف اور دکھ سے بچائے ۔۔آمین

  15. ثمرین سلامت رہو ۔۔۔ اللہ ہر امتحان میں ثابت قدم رکھے ۔۔آمین

  16. محترم جناب ڈاکٹر خواجہ اکرام صاحب

    آپ نے ایک بہت ہی اہم مسئلے کو موضوعِ بلاگ بنایا ہے ۔ شاید کسی ڈر اور خوف کی فضا نے آپ کو اپنی شکایت متعلقہ سیکورٹی حکام تک پہنچانے سے باز رکھا ہو لیکن آپ اور ہم سب اپنے اپنے ملک میں موجود سعودی ایمبسی کو اس اہم مسئلے پہ متوجہ کرتے ہوئے اپنے احساسات کے ساتھ مثبت آراء سے آگاہ کر سکتے ہیں اور کرنا بھی چاہیئے ۔ عین ممکن ہے کہ کسی کی سحر انگیز تحریر سعودیوں کی عقل پہ پڑے پردے کو ہٹاتے ہوئے انہیں اس معیوب پالیسی کو ختم کرنے پہ آمادہ کردے ۔

    لیکن بندوقوں کے سائے میں نماز کی ادائیگی کا تعلق کسی مسلک یا فرقے سے کیونکر ہوسکتا ہے ؟ اس بلاگ میں اٹھائی گئی یہ تنقید میری سمجھ سے بالا ہے ۔ ایک بلاگ میں تو ہم مثبت سوچ کا پرچار کر رہے ہیں جبکہ اگلے ہی بلاگ میں منفی مسلکی سوچ کو ابھارتے ہوئے خود اپنی ہی نفی بھی کر رہے ہیں ۔ کیا یہ مولانا عبد الوہاب کی کوئی وصیت تھی جو اسے قبر میں سے گھسیٹا جارہا ہے ؟ کیا حرم شریف میں ہمیشہ سے ہی یہ پالیسی رہی ہے یاکہ یہ محض ساری دنیا میں پھیلی دہشت گردی کا ردعمل ہے ؟ بہرحال حرم شریف کے اندر دورانِ نماز اس پہرے کا کوئی بھی جواز بلا جواز ہوگا ۔ آجکل سی سی ٹی وی کیمروں ، سکیننگ مشینوں سمیت سیکورٹی کے بے شمار طریقے ہیں جنھیں سعودی حکومت بروئے کار لا سکتی ہے اور جیسا کہ پہلے بھی عرض کرچکا ہوں کہ ہم سب کو اپنے اپنے ملک میں موجود سعودی ایمبسی کو اس مسئلے کی طرف متوجہ کرنا چاہیئے ۔

    چونکہ آپ وہ واحد شخص ہیں جن کی باریک بینی نے اس معیوب پالیسی کو محسوس کرتے ہوئے ہمیں بھی متوجہ کیا ہے لہذا میں آپ سے ہی درخواست کروں گا کہ اگر تو اس مسئلے کا کوئی حل مطلوب ہے تو امامِ کعبہ اور سعودی حکومت کو بھیجنے کے لیے ایک مئوثر ای میل ڈرافٹ فرمائیں جسے ہم سب متعلقہ ایمبسی کی معرفت روانہ کریں اور اگر صرف بلاگ میں ہی نوحہ درکار ہے تو نجانے کتنے مبصرین مسلک کی آگ بھڑکانے کو بے قرار بیٹھے ہوں گے ۔

    اسی بلاگ میں ہی ظالم امریکیوں کو سعودی عرب کی بدترین آمریت میں جمہوریت نظر آنے کا طعنہ بھی دیا گیا ہے جو میرے لئے کسی حیرت کا باعث نہیں ۔ امریکیوں کو بھلا سعودی عوام سے کیا ہمدردی جو وہ ان کے حقوق کی جنگ لڑے یا ان انہیں جمہوریت کے پھلدار درخت لگا کر دے ؟ کیا عراقیوں ، افغانیوں اور ان کے بعد اب لیبیائی باشندوں کے لئے لڑی جانے والی ’ آزادی اور جمہوریت کی جنگ ‘ ہماری آنکھیں کھولنے کے لئے کافی نہیں ؟ کیا پاکستانی عوام کو آمریت سے نکال کر موجودہ لبرل جمہوریت کے حوالے کرنے کے احسان کا بدلہ کبھی پاکستانی عوام چکا سکے گی ؟ امریکہ کسی ملک کو ’ جمہوریت سے نوازنے ‘ تب آتا ہے جب وہ اس ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے کے بعد اسے تنہا کر دیتا ہے ۔ اور سعودی عرب کو بھی وہ اسلامی دنیا میں تنہا کرنے کو بے قرار ہے کیونکہ موجودہ دور میں شروع کی گئی صلیبی جنگوں میں اسکا اصلی ہدف ’گریٹر اسرائیل‘ ہے جس کی سرحدیں سعودی عرب تک ہیں ۔ اور مسلم امہ مسلکی چینلز ، مسلکی ویب سائیٹس ، مسلکی بلاگز اور مسلکی پراپیگنڈے کے ذریعے امریکہ کو بڑی تیزی سے اس کے حدف کے بہت قریب پہنچا رہی ہے ۔

  17. محترم بھائی بہت شکریہ آپ نے یہ بات بالکل درست فرمائی کہ ہمیں اپنے اپنے طورپر اس حوالے سے سعودی حکومت کو آگاہ کرنا چاہیئے اور ہر چہار جانب سے میل یا خط بھیجا جانا چاہیے ۔
    آپ نے ایک اور بات لکھی ہے کہ شاید کسی خوف یا ڈر نے مجھے شکایت کرنے سے روکا ۔ ۔۔۔۔ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی کہ شکایت کی جائے لیکن مجموعی طور پر زائرین کو جو پریشانی ہوتی ہے وہ یہ کہ جدہ ائیر پورٹ جس طرح یہ تاخیر کرتے ہیں اور شاہانہ انداز میں کام کرتے ہیں اور ہر ایشیائی کو اپنا غلام یا خود سے کمتر سمجھ کر سلوک کرتے ہیں وہ نا قابل بیان ہے ، ان کی رعونت اور سفاکانہ سلوک سے سب واقف ہیں ، میں نے اسی جانب اشارہ کیا ہے ۔، اس کے علاوہ آپ حرمین شریفین میں ان کے اصول کے مطابق ہی اپنی عقیتوں کا اظہار کرسکتے ہیں ، ان جگہوں پر عقیدت کے اظہار پر بھی جبر ہے جو کسی طرح قابل قبول نہیں۔

  18. محترم ڈاکٹر صاحب ،
    میرے خیال میں مئوثر اور بروقت شکایت اور مثبت تجاویز میں بہت سے مسائل کا حل پوشیدہ ہوتا ہے ، لہذا ہمیں یہ حق استعمال کرنے سے کبھی نہیں رکنا چاہیئے ۔ لیکن سعودی عرب جانے والوں کی اکثریت یا تو ان پڑھ ہوتی ہے یا پھر فرائض کی ادائیگی کے بعد ہر شکایت اور تکلیف کو پس پشت ڈال دیتی ہے ۔ اور پھر بھیڑ بکریوں کی طرح لوگوں کو جمع کرنے والے ایجنٹوں کا کمال بھی کہیں بڑھ کر ہے جو سعودیوں سے بھی دو ہاتھ آگے ہوتے ہیں ۔ میری ایک ادنٰی رائے کو اس اہم فریضے کی ادائیگی سے منع کرنے سے منمسلک نہ کیا جائے تو یہ کہنے کی جسارت کروں گا کہ اگر مسلم امہ کی اکثریت حج کو صرف ایک سال کے لئے مئوخر کردے تو نہ صرف سعودیوں ، کہ جن کے ریوینیو کا اہم حصہ ہی حج اور عمرہ سے آمدن ہے ، کو اپنی نانی یاد آجائے اور پھر عالمی میڈیا میں بھی جو طوفان اٹھے وہ ان سے سنبھالے نہ سنبھلے بلکہ حج کے نام پہ کاروباری ٹھگوں اور پیسے بٹورنے والے ایجنٹوں کے بھی ہوش ٹھکانے آجائیں ۔

    جہاں تک حرمین شریفین میں ان کے اصول کے مطابق ہی اپنی عقیدتوں کے اظہار کا تعلق ہے تو مجھے اتنا زیادہ علم نہیں کیونکہ میں ابھی تک اس سعادت سے محروم ہوں اور اپنے بلاوے کا منتظر ہوں لیکن ادھر ادھر سے جو معلومات ہوتی ہیں وہ میرے رونگٹے کھڑے کر دیتی ہیں ۔ میں نے اپنے دادا نانا یا ان کے ہمعصروں سے کبھی کوئی شکایت نہیں سنی لیکن اپنے ہم عمروں کی زبانی بہت کچھ سنتا ہوں ۔ سعودیوں کو دوش کے علاوہ میرے خیال میں رویوں کی اس تبدیلی میں خود ہمارا بھی کہیں نہ کہیں کوئی عمل دخل ضرور ہوگا۔ سعودی مسلک سے ہٹ کر برطانیہ سے جانے والے حجاج کی کچھ جماعتیں وہاں اپنی جماعت کھڑی کر لیتی ہیں ۔ پھر کچھ مسلمان بھائیوں کا یہ بھی قوی عقیدہ ہے کہ نماز کے بعد صلاۃ و سلام کے بغیر نماز ادھوری ہے یا آسمانوں پہ اس کی قبولیت نہیں ہوتی۔ اب ظاہر ہے جب دو مختلف مسالک کے عقائد میں یوں ٹکراؤ ہوگا تو نتیجہ بھی کچھ لوگوں پہ سعودی عرب میں پابندی کی صورت ہی برآمد ہوگا اور بات پھر منفی اور زہریلے پراپیگنڈے کی صورت اختیار کر لیتی ہے ۔ اگر سنی مسلک کا کوئی شخص کسی امام بارگاہ میں داخل ہوگا تو وہاں کے آداب کا خیال رکھنا اس کے فرائض میں شامل ہوگا ۔

    ہم شکایات کے بے شمار دفاتر کھول سکتے ہیں لیکن مسائل کا حل صرف اور صرف مسائل و شکایات کو ارباب اختیار تک پہنچانے میں ہے۔ یہ ایک وقت طلب اور مربوط تحریک ہے جو ہم پڑھے لکھے لوگوں پہ فرض ہے ۔ تو آیئے عالمی اخبار کے پلیٹ فارم سے ہی اس تحریک کا آغاز کرتے ہیں ۔ آپ ، عالمی اخبار کی انتظامیہ یا کوئی مبصر ہم سب کی راہنمائی کے لئے ایک مئوثر ای میل کا ڈرافٹ یہاں پیش کر دے جسے ہم امام کعبہ اور سعودی حکومت کو اپنے اپنے ملک میں سعودی ایمبسی کی معرفت یا برائے راست روانہ کر دیں ۔

  19. جاوید بھائی آپ نے درست فرمایا ، بہتر ہے کہ میل بھیجا جائے ۔ لیکن میں آپ کو ایک محارو سنانا چاہتا ہوں { جو بالے وہ دروازہ کھولے} اس لیے اب آپ پر ہی یہ ذمہ داری جاتی ہے کہ آپ میل تیار کریں ۔

  20. قابلِ احترام جناب ڈاکٹر خواجہ اکرام صاحب ،

    میں بصد خوشی ’ دروازہ کھولنے ‘ کو تیار ہوں لیکن میری تحریر ذاتی مشاہدات نہ ہونے کی بنا پہ شاید اتنی جاندار نہ ہو ، بہرحال اگر اس بلاگ میں کوئی بھی رضاکارانہ طور پہ سامنے نہ آیا تو میں تھوڑے جھوٹ ، مصلحتاً ، کا سہارا لے کر ایک ڈرافٹ یہاں پیش کردوں گا جس کے بعد امید رکھوں گا کہ زیادہ سے زیادہ قارئین اسے اپنے اپنے ملک میں موجود سعودی سفارت خانے یا برائے راست سعودی حکومت کو ای میل کر دیں اور اس کے بعد ان کے جواب سے بھی اسی بلاگ کی معرفت مطلع فرمائیں ۔

  21. الحمد اللہ ۔۔!اس سال مارچ میں مجھے اللہ سوہنے کے گھرکی زیارت اور مدینے کی حاضری کا بلاواآیا
    یہ سعادت ملنے سے پہلے اور برکتوں ،رحمتوں کی یہ سرزمین دیکھنےکےبعد مجھے ابھی تک یقین نہیں آرہاکہ
    میں “کوہجا،کملا،نمانا”وہاں سے ہوآیاجہاں جانےکی حسرت،خواہش،آرزو ہرمسلمان اورمومن کی رگ رگ میں
    رچی بسی ہوئی ہے۔۔۔
    وہاں جانا۔۔۔ایک اورہی تجربہ تھا،،،وہاں حاضری ۔۔کچھ اورہی دنیاتھی ،،وہاں گھومنا،،کچھ اورہی بات تھی
    میں اب یہاں آکر بھی کبھی کبھار۔۔
    “بیٹھے بیٹھےگم ہوجاتاہوں
    میں اکثرمیں نہیں رہتاتم ہوجاتاہوں ”
    وہاں تھا ۔۔تو بھی یقین نہیں آتاتھا میں واقعی رب سوہنےکے گھراوراس کےپیارےحبیب صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کےدرپرحاضرہوں
    یہاں ہوں تو بھی یقین نہیں آتا۔۔اللہ سوہنیا واپس نہ آنےدیتا۔۔۔وہیں کوئی سبب بنادیتا۔۔۔
    کسی ہوٹل میں مزدور،،کسی گاڑی کا کنڈیکٹر،،کبوتروں کا دانا دنکا چوگنےوالا نوکر،،،حرم شریف کی صفائی کرنےوالاخادم،،اللہ سوہنا کچھ تو بنادیتا
    میں وہیں رہ جاتا۔۔۔
    اےاللہ سوہنے کے پیارے حبیب ۔۔مجھے معلوم ہے میں آپ کا مہمان ہوں ۔۔۔آپ میرے میزبان !
    یہ بھی جانتاہوں کہ مہمان اگرخودمیزبان کے پاس رہنےکی خواہش کااظہارکرےتواچھا نہیں لگتا۔۔بری بات۔۔!
    لیکن اےآقاصلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم ۔۔!گزارش ہے، التجاہےمجھے یہی رکھ لیجئے۔۔آپ کے درکےکتےاور بلیوں کی خدمت کیاکروں گا۔!
    یہ جو کالےرنگ کی بلی ہے،،میرے ساتھ لوٹ پوٹ ہورہی ہے۔۔میری دوست بن گئی ہے،،میں اس کوچھوڑکرجاؤں گا
    تو اس کادل ٹوٹ جائے۔۔میرےآقاصلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم مجھے اسی بہانے یہی رہنےکا اذن دیےدیجئے۔۔!
    ۔
    ۔
    ۔(میں اوپرلکھے گئے بلاگ کےجواب اور حمایت میں اپنے تاثرات لکھناچاہ رہاتھالیکن مجھے لگ رہاہےکہ نہیں لکھ سکوں گا۔
    مجھے بھی وہاں بہت ساری باتیں دیکھ کردکھ ہوا۔۔لیکن ملنےوالی محبت ، سکون اور برکتیں اتنی ہیں کہ شکایت لکھنےبیٹھاتھامحبتیں ، برکتیں ، رحمتیں اور
    نوازشیں لکھنےبیٹھ گیا۔۔دوستو۔۔!جوکچھ بابا، اورآپی نے لکھ دیااسے میری آوازجانئے۔۔میں اورکچھ نہیں لکھ سکتا۔۔۔۔دعائیں ۔۔اللہ خوش رکھے
    رہنے

  22. بالکل درست فرمایا ناصر بھائی ۔ میں نے بھی دو سال لگائے اتنا کہنے میں ۔
    جاوید بھائی آپ کا شکریہ کہ یہ ذمہ داری آُ نے اپنے سر لی ، آپ مسودہ تیار کریں ہم لوگ مختلف وسیلوں سے سعودی حکومت تک پہنچائیں گے۔
    شکریہ

  23. السلام وعلیکم ۔
    کسی دوسرے ملک کی عوام اور اس کے قانون قائدے اخلاق کو بدلنا میرے خیال میں پہلے ہم کو اپنے ملک پاکستان اور اس کے حالات کی فکر کرنی چاہیے۔
    ہر روز مسجدوں اور شہروں میں دھماکے قتل و غارت لا قانونیت ہر پاکستانی زخمی ہے ، پھر اسلامی دنیا میں مصر ۔لیبیا ۔لبنان ، شام کے حالا ت مد نظر رکھتے ہوئے پہلے یا بعد میں اگر سعودی حکومت ۔امام کعبہ یا امام مسجد نبوی کی حفاظت کے لئے سیکورٹی گارڈ رکھتی ہے تو اس میں ہرج ہی کیا ہے ؟
    سعودی پولیس یا سعودی ایمگریشن کا غیر ملکیوں سے بد تہذیب سلوک اور امام مکہ یا امام مسجد نبوی دو مختلف باتیں ہیں ان کو ایک نظر سے نہ دیکھا جائے ۔
    اگر مسجد نبوی میں اللہ نہ کرئے کوئی دھماکہ ہوجائے اور امام مسجد نبوی قتل ہو جائے تو دنیا میں اسلام کی کیا عزت رہ جائے گی ؟
    اگر عیسائیوں کا پوپ ۔ بلٹ پروف کار اور ہر وقت سیکورٹی گارڈ کی حفاظت میں رہتا ہے تو امام کعبہ یا امام مسجد نبوی کی سیکورٹی کیوں نا جائز ہے ۔
    ویسے بھی جو سیکورٹی گارڈ ہے اس کے تو معلوم ہے کہ وہ دوران ِ باجماعت نماز نہیں پڑھ سکتے ۔ ویسے بھی مسلمانوں کی آدھی آبادی بے نمازی ہے یہاں پر ان چار سیکورٹی گارڈ ز کی نماز نہ پڑھنے کی اتنی فکر کیوں ہے ؟
    لندن میں قادینوں کی مسجدکو دیکھ لیں ۔ خلیفہ قادیانی ہمیشہ ہی سیکورٹی گارڈ ز کی حفاظت میں خطبہ اور جماعت کی امامت سیکورٹی گارڈز کی حفاظت میں ادا کرتا ہے ۔ اب اس میں انگلینڈ کی پولیس یا حکومت کو کون ای میل کرئے ۔؟پھر امام کعبہ یا امام مسجد نبوی کوئی معمولی آدمی نہیں ، قرآن حافظ بھی ہیں اور شہر کے قاضی ـ( جج) کے عہدئے پر بھی فائز ہیں اور سالوں سال کی تعلیم اور تربیت کے بعد اس امامت کے مقام پر پہنچتے ہیں ۔ اور یہ ساری دنیا کے مسلمانوں کا امام ہے ۔کوئی اس کو تسلیم کرئے یا نہ کرئے ۔
    اگر کعبہ یا مسجد نبوی پاکستانی مولویوں کے ہاتھوں میں دے دیں تو آپ زرہ تصور کریں کہ محبت میں جالیاں دیواریں بھی متبرک سمجھ کر اکھاڑ کر لے جائیں گے ۔
    ساٹھ لاکھ حاجیوں کی دیکھ بال کعبہ اور مسجد نبوی کی حفاظت اس کے لئے قانون میں سختی نہ ہو تو ہر چیز بے قابو ہوجائے ۔
    باقی رہی سعودی عرب کے لوگوں کا غیر ملکیوں سے سلوک یہ ایک الگ مضمون ہے ۔
    عربوں کے اخلاق کو درست کرنے کے لئے اللہ نے ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر بھیجے اخلاقی طور پر یہ ابھی تک بدو کے بدو ہی ہیں ۔ میری اور آپ کی ای میل سےکیا یہ درست ہوں گے ؟
    سعودی عرب کو چھوڑ کر پہلے ہم کو اپنے پاکستان کی فکر کرنی چاہیے ۔ یہ میری زاتی رائے ہے۔
    وسلام
    آویز ۔ برمنگھم

  24. تسلیم
    ارباب بلاگ کی تحریروں سے محسوس ہوتا ہے کہ انہیں وھابی فوبیا ہے۔گفتگو میں بہرآئینہ شائستگی کو ملحوظ رکھنا جاہیے۔جہاں تک امام حرم کی سکبورٹی کے لیے محافظون کی تعیناتی کا مسئلہ ہے تو یہ ناگزیر ہے۔یادش بخیر اس سے قبل بعض شورش پسندوں کی جانب سے حرم شریف پر قبضہ اور اس کی بے حرمتی کی ناپاک و ناکام جسارتیں کی جاچکی ہیں۔اتنی سی بات تھی جسے فقط زیب داستاں کے لیے بڑھا دیاگیا اور دل کی بھڑاس نکالنے کا وسیلہ بنا لیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *