سچ تو یہ ہے کہ تصوف پر جتنا لکھا جائے کم ہے اور اس کی گہرائی میں جتنا اترا جائے پڑھنے والا اتناہی اس میں ڈوبتا جاتا ہے ۔ مصباح بھائی کے اس مضمون کو پڑھ کر لگا جیسے میں نے تصوف پر اب تک جتنا بھی پڑھا تھا وہ شاید کچھ بھی نہیں تھا ۔ ان کی اس تحریر نے مجھے جو کچھ ساتھ رکھنے کو دیا ہے بخدا وہ پہلے میرے پاس نہ تھا ۔ مجھے اپنی کم علمی پر ناز ہے اور اس کابرملا اعتراف مجھے اچھا لگتا ہے کہ اسی لئے میرا مالک میری جھولی خالی دیکھ کر اسے بھرتا ہی رہتا ہے ۔۔ سبحان اللہ ۔۔
مصباح بھائی آپ کی یہ تحریر بھی میری کم علمی میں کسی انمول تحفے کی طرح شامل ہوئی ہے ۔ ۔۔ اور مجھے ساتھ رکھنے کے لئے زاد راہ کے طور پر بہت کچھ دے گئی ہے ۔۔
دعا کرتی ہوں اللہ کریم و رحیم اپنے حبیب اور اس کی آل مبارک کے صدقے آپ کے قلم کی شان آن بنائے رکھے ۔۔آمین
مصباح بھائی لکھتے ہیں ۔۔
لفظ تصوف کے بارے میں ایک عمومی خیال یہی ہے کہ اسکا مصدر و مادہ عربی کے لفظ صُفّہ سے لیا گیا ہے کیونکہ اس طریقہء کار کے بانیان میں اصحاب صُفّہ کی وہ جماعت ہے جو مسجد نبوی کے ساتھ ملحقہ چوبوترے پر حضور پاک کے زیر کفالت رہتی تھی اور انکی تربیت و پرورش خود حضور پاک نے کی اورپھر انکے بعد امام علی ؑ نے کی۔ اسلام میں اولیں عہد کے صوفیاء کی ایک بڑی جماعت انہی اصحاب صفہ سے ہی برآمد ہوئی جن میں قابل ذکر جناب سلمان فارسی، کمیل ابن زیاد رشید ہجری میثم تمار، ربیع بن خثیم ور جناب حسن بصری رضی اللہ عنھم جیسے بزرگوار ہیں۔ تاہم صوفیاء کی جماعت میں حضرت اویس قرنی رضی اللہ عنہ جیسے بزرگ بھی شامل ہیں جو اہل صُفّہ کی جماعت سے تو نہیں ہیں، لیکن براہ راست شاگردان امام علی ع میں سے ضرور ہیں۔
( ایسی آسان اور خوبصورت تاریخ ۔۔سبحان اللہ )
پھر لکھتے ہیں
تصوف کی زبان میں اللہ تک پہنچنے کے لئے کوشش کرنے والے کو سالک کہا جاتا ہے۔ سالک اللہ تبارک و تعالیٰ کی ذات تک پہنچنے کے لئے مختلف عبادات، مشاہدات اور تجربات سے گزرتا ہے اور ایک عام انسان سے ترقی کرتے کرتے سلوک کی منازل طے کرنے لگتا ہے۔ جہاں اسکے سفر کی ابتداء شریعت سے ہوتی ہے، اسکی راہگزر طریقت ہوتی ہے اور منزلِ منتہا حقیقت ہوتی ہے۔ جب انسان حقیقت کی منزل پا لیتا ہے تو وہ کائینات کے مخفی رازوں کو سمجھنے لگتا ہے اور اپنے، کائینات اور خالق کے تعلق کے حقائق سے آشنا ہونے لگتا ہے۔ اسی منزل کو پا لینے والے کا نام عارف ہے۔
( کتنی فصاحت سے تعارف کرا رہےہیں )
پھر لکھتے ہیں
جیسا کہ حضرت سید عبد القادر جیلانی ؒ کی نسبت سے آج تک گیارہیوں شریف کی نیاز دنیا بھر میں دی جاتی ہے، لیکن اسکا سبب عرفاء و مخلصین کی ایک محدود جماعت کے سوا کوئی بھی نہیں جانتا کہ یہ وہ نیاز ہے جو وہ ہرقمری مہینے کی دسویں تاریخ کو امام حسین علیہ السلام کی یاد میں دیا کرتے تھے اور شام غریباں کو امام حسین ؑ کے کمسنوں کی پیاس، بے شِیر کی شہادت اور اہل خانہ کی بھوک و مصیبت کی یاد تازہ کرنے کے لئے بچوں میں دودھ اور پانی اور شیرینی بانٹا کرتے تھے اور محفل ذکر خدا اور درود و سلام سے نیاز دیا کرتے تھے۔
(بخدا اس نیاز کا یہ پس منظر ہوگا ۔۔ مجھے معلوم نہیں تھا )
پھر مزید تشریح بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں
اسی طرح حضرت لعل شہباز قلندر کی دھمال کا سبب محض دیدار محبوب ہی نہیں تھا، بلکہ آپ آہنی کڑے اور زنجیر پہن کر رقص کرتے تھے جو کہ در حقیقت اس سفر کی یاد تازہ کرنے کے لئے تھا جو سید سجّاد ؑ نے کربلا سے شام تک پابند ِزنجیر و رسن ہو کر فرمایا۔ آپ کی دُھونی حقیقت میں جلے ہوئے خیموں کی یاد ہے جو شام غریباں کو آل امیہ نے جلا کر قلب محمد ؐ مصطفیٰ کو پارہ پارہ کیا۔
اسی طرح جب بلھے شاہ چھیتی آویں وے طبیبا نئیں تے میں مر گئی آں کہتے ہیں تو حقیقت میں وہ مہدی موعود کے منتظر ہیں جو اس زمانے کو اسکی مصیبتوں سے نجات دیں گے۔ جب وہ ہک نقطے وچ گل مکدی اے کہتے ہیں تو وہ امام علی ع کے اس قول کی طرف توجہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجھے لگتا ہے کہ مجھے یہی بلاگ کو سمیٹتے ہوئے آپ سب کو لنک دینا چاہئے ورنہ میں توپورا مضمون ہی یہاں لکھ دونگی ۔۔ کاش مسلکی آتش کم کرنے لئے اس مضمون کو ہر ایک شخص پڑھے اور اس کی روح کو سمجھے اور دور دور تک بات پہنچائے ۔۔۔ کہ ۔۔۔۔ میرا یقین اس بات پر پے کہ جیسے مذہب ریڈیو اور ٹی وی سے نہیں پھیلا اسی طرح عقائد کی درستگی بھی اس سے ممکن نہیں ۔۔ اس کے لئے ہمیں پہلے تعلیم حاصل کرنا ہو گی ۔۔اپنی تربیت نئے سرے سے درکار ہو گی اور باعمل اصحاب کی راہنمائی حاصل کرنا ہو گی ۔۔۔ اپنے اسی درستگی عمل سے اپنی تعلیم اور تربیت کو انتہائی محبت اور پرخلوص ہو کر دوسروں تک پہنچانا ہو گی۔۔۔
دوستو! سید مصباح حسین جیلانی نے اپنے حصے کی شمع روشن کر دی ہے ۔۔ اب اس شمع سے شمع جلانا ہمارا کام ہے ۔۔۔ اللہ کریم سے دعا کرتی ہوں کہ ہم سب اپنے حصے کا کام کرنے کی خاص توفیق عطا کر دے ۔۔آمین

شہباز قلندر کی دھمال کا سبب محض دیدار محبوب ہی نہیں تھا، بلکہ آپ آہنی کڑے اور زنجیر پہن کر رقص کرتے تھے جو کہ در حقیقت اس سفر کی یاد تازہ کرنے کے لئے تھا جو سید سجّاد ؑ نے کربلا سے شام تک پابند ِزنجیر و رسن ہو کر فرمایا۔ آپ کی دُھونی حقیقت میں جلے ہوئے خیموں کی یاد ہے جو شام غریباں کو آل امیہ نے جلا کر قلب محمد ؐ مصطفیٰ کو پارہ پارہ کیا۔
ماشااللہ عزیزی مصباح حسین۔یوں تو پورا تحقیقی مضمون قابل تعریف ہے لیکن اسکے کچھ حصے مزید تفصیل مانگتے ہیں کہ نوے فیصد سے زیادہ مسلمان ان سے ناآشنا ہے۔یہ توضیحات جان بوجھ کر عالم مسلمان تک نہیں پہنچائی گئی ہیں۔ ہمیں اپنے حصے کی شمع روشن کرتے رہنا ہے۔ جزاک اللہ
نمی دانم کہ آخر چوں دمِ دیدار می رقصم
مگر نازم بایں ذوق کہ پیشِِ یار می رقصم
تو ھر دم می سرائی نغمہ و ھر بار می رقصم
بہر طرزِ كہ می رقصانیم اے یار می رقصم
کہ عشقِ دوست ہر ساعت دروں نار می رقصم
گاہےبر خاک می غلتم , گاہے بر خار می رقصم
بیا جاناں تماشا کن کہ درانبوہ جانبازاں
بصد سامانِ رسوائی سرِ بازار می رقصم
خوش آ رندی کہ پامالش کُنم صد پارسائی را
زہے تقوٗی کہ من با جبّہ و دستار می رقصم
تو آں قاتل کہ از بہرِ تماشہ خون من ریزی
منم بسمل کہ زیرِ خنجرِ خونخوار می رقصم
منم عثمان مروندیؔ كہ یارِ شیخ منصورم
ملامت می کُند خلقِ و من بردار می رقصم
محترم ہمدانی صاحب یہ حقیقت ہے کہ تصوف کی روح کو ہمارے یہاں بری طرح قتل کر ڈالا گیا ہے۔ یہ ایک خوش قستمی ہے کہ ایران میں اسے باقاعدہ ترویج کا موقع ملا۔ آج بھی آیت اللہ وحید خراسانی اور آیت اللہ صافی گلپائیگانی اہل عرفان میں سرکردہ افراد ہیں۔ قم کے دیہات میں شیخ بہلول نامی بزرگ کا بھی آپ نے سنا ہوگا جن کا کچھ ہی عرصہ قبل انتقال ہوا۔ اپنے سفر قم میں مجھے ان بزرگوں سے براہ راست ملنے کا موقع ملا جنہوں نے شیخ بہلول کے لئے حرم معصومہ قم ؑ سے سلام و سوال کے جواب آتے سنے۔ لیکن عام لوگوں کی نظر میں شیخ بہلول ایک سادہ دیہاتی آدمی تھے جو کھیتی باڑی کرتے تھے اور اور کسی مسجد و منبر پر براجمان نہ تھے۔
یہ قوالی نہایت محنت سے مرتب کی گئی ہے اور بخدا اگر ایک ایک شعر کی شرح کی جائے تو پوری کتاب بن جائے۔ میرا اصل موضوع و محرک ان سب سطور کے مابین نظریہء وحدت الوجود ہے جس پر ہم چند دوستوں کے درمیان کچھ دن پہلے بات کر رہے تھے۔ اکثر تنگ نظر لوگوں نے حضرت بابا بلھے شاہ پر انکے اسی نظرئیے کے سبب کفر تک کے فتوے لگائے ہیں۔ لیکں حقیقت میں اس نظرئیے کو تمام صاحبان عرفان نے بھی بے بسی سے تسلیم کیا ہے، کیونکہ وہ خود اسکی مشکلات سے آشنا ہیں۔ علماء و مدرسین کے درمیان ایک نہایت ہی معتبر نام استاد مرتضیٰ مطہری شہید نے بھی تسلیم کیا ہے کہ وحدت الوجود ہی توحید کی حقیقت ہے اور باقی سب کچھ نمودِ ظاہری ہے۔ تصوف میں مزید تحقیق کے لئے سید حسن ابطحی کی کتاب آئنہ نفس، اور امام خمینی کی کتاب سیر و سلوک بنیادی مقام رکھتی ہیں۔ تاہم اکثر اولیاء کے فرمودات سمجھنے کے لئے ایک ایسے استاد کی ضرورت ہے جس نے خود بھی کسی قابل استاد کے سائے میں سفر طے کیا ہو۔ اگر ان دو کتب کی انسان کو سمجھ آ جائے تو وہ پھر باقی بزرگوں کا کلام بھی سمجھ سکتا ہے۔ کیونکہ یہ دو کتب براہ راست نثر میں مرتبہ ہیں اور سلفاء کی طرح رمز و شعر میں پیغام موجود نہیں ہے۔
در اصل صوفیاء کے درمیان پیغام رمز میں دینے کی سنت بھی الٰہی سنت ہے۔ خود قرآن کا دو تہائی متشابہات پر مبنی ہے۔ اسی طرح ادعیہ کے سلسلہ میں اکثر معصومین نے کہا کہ نا اہلوں سے محفوظ رکھو۔ آج تلک علماء صرف دعائے کمیل جیسی متواتر زیر مطالعہ دعا کی باقاعدہ مستند شرح نہیں کر سکے۔ کمیل بن زیاد نخعی کو یہ دعا امام علئ نے براہ راست تعلیم کی اور ہدایت کہ کہ نا اہلوں سے محفوظ رکھنا۔ اب چونکہ یہ دعا ہر خاص و عام کے ہاتھوں میں کھلونا ہے، اس لئے اس کی برکات سمیٹنے کی بجائے اسکی میم میخ پر زیادہ توجہ ہے۔
صوفیاء کی تعلیمات اور انکی سنتوں کی تشریحات نا اہل گدی نشینوں نے اپنی مرضی کے مطابق بدل دی ہیں، لیکن اب بھی آپ کو ہر خاندان میں موجود اہالیان حق سے اصل خبر مل جاتی ہے۔ اکثر شیعہ علماء کی اکثریت اس غلط خیال کی قائل ہے کہ سید عبد القادر جیلانی نعوذ با اللہ سید ہی نہ تھے، حالنکہ سید مرتضیٰ عالم الھدیٰ (برادر سید رضی) اور شہید مرتضیٰ مطہری نے اپنی اپنی کتب رجال میں انکے حسنی نسب نامے کی تصدیق کی ہے۔ یہ غلط فہمیاں اس سبب سے ہیں کیونکہ لالچی گدی نشین عوام کی قیادت اور حق کی ترویج کی بجائے عوام کو خوش کرنے اور انکی تقلید میں مبتلا ہو گئے اور نا خلف سجّادگان کو دیکھ کر لوگ ان کے سلفاء کو بھی ان جیسا ہی جاننے لگے۔
جہاں تک گیارہویں شریف کا ذکر ہے تو اسکی اصل حقیقت یہ ہے کہ سید عبد القادر جیلانی اکثر چاند کی دسویں کو کربلا معلیٰ کی زیارت کو جایا کرتے تھے۔ جب عباسی حکمرانوں نے ان کی اس سنت کے خلاف ان کے قتل کی منصوبہ بندی کی تو خود سید الشہداء ؑ نے انہیں عالم مشاہدہ میں ہدایت کہ کہ بیٹا تم کربلا مت آیا کرو اور اپنے ہی مقام سے نیاز دے دیا کرو جسے میں اپنی زیارت کے برابر کا درجہ دیتا ہوں۔ اس روایت یہ سند خود سید عبد القادر جیلانی ہیں۔ میں چونکہ انہی کے خاندان کا ایک فرد ہوں اس روایت کے مسلسل ہونے کا راوی بھی ہوں۔
آپ خود اس عہد میں صوفی نہیں تو کم از کم ان کے نقیب ضرور ہیں اور اس موضوع کی باریکیوں سے مجھے سے زیادہ بہتر طریقے سے آشنا ہیں۔ آپ نے اس مضمون کو با مقصد جانا، گویا مجھے میری قیمت مل گئی۔ خدا آپ کو سلامت و با کرامت رکھے اور تا قیامت شادو آباد رکھے۔ آمین۔
آپی آپ کو مضمون پسند آیا، نہایت شکریہ۔ جن الفاظ میں آپ نے پذیرائی کی، میں اسکے اہل تو نہیں ہوں نہ ہی میرے پاس شکرئیے کے الفاظ ہیں، تاہم پھر بھی آپ کی قدردانی پر اظہار تشکر کی کوشش کر رہا ہوں۔
حقیقت یہی ہے کہ تصوف ظاہر و باطن کی دنیا ہے اور ہر ایک کو فیض اسکی رسائی تک ملتا ہے۔ جیسا کہ چند دن پہلے غالب کے ایک شعر پر بات ہو رہی تھی جسکا مصرعہ تھا کہ ميری طرح خدا کا بھی خانہ خراب ہے۔ اکثر لوگ اس شعر پر غالب کو برا جانتے ہیں۔ حالنکہ اول تو اس شعر کی سمجھ آتی ہی پہلے مصرعے کے ساتھ ہے۔ ثانیاً خدا کے خانہ میں رہنے والی مخلوق تو ہم ہی ہیں جنہوں نے کبھی اسکا حکم نہیں مانا۔ اسکے زیر کفالت رہ کر اسی کے باغی ہیں۔ اس طرح اسکا خانہ خراب جانا جائے تو غلط ہے ہی کیا؟ خوداللہ پاک کہتا ہے کہ یا حسرت علی العباد۔ اے بندو تم پر بڑا افسوس ہے( یٰسین)۔ اسی چیز کو صوفی نے یوں کہا ہے کہ
رب روگ کما بیٹھا
اک بندے دے پچھے
سارا جگ وسا بیٹھا۔
حقیقت یہی ہے کہ خدا نے یہ دنیا ایک ہی بندے(حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے لئے سجائی ہے جنہیں اس نے کہا کہ لولاک لما خلقت الافلاک۔ باقی ہم جیسوں کا وجود تو روگ کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔
تصوف میں جو کچھ ہے وہ عین شریعت ہے، بات صرف سمجھنے کی ہے۔
محترم مصباح بھائی ایک اہم موضوع پر بہت ہی خوبصورت تحریر ہے آپ کی. اللہ آپ کو جزاےء خیر دے. آمین.
مجھے بھی اس حقیقت کا اقرار کرنے میں کوئی شرم محسوس نہیں ہوتی کہ میں اس مضمون کے بیشتر مندرجات سے
پہلے واقف نہیں تھی اور اب یہ تمام علمی باتیں آپ کی اس عمدہ تحریر کے حوالے سے ہمیشہ یاد رہیں گی. مضمون میں
شامل یوں تو تمام شعری حوالوں نے لطف دیا لیکن فارسی کے اشعار کی گہرائی ہمیشہ ہی مجھے مسحور کر دیتی ہے.
نگہت آپی کا کہنا بجا ہے کہ مسلکی آگ کو کم کرنے کے لئے ہر شخص کو اس مضمون کو پڑھنا چاہئے.
صفدر بھائی نے موضوع کے کچھ حصوّں کے تشنہ رہ جانے کا ذکر کیا ہے تو میں منتظر ہوں کے اب اس حوالے سے
اور بھی حقیقتیں آشکار ہوں گی.
اسّلام علیکم ،محترم ہم نشینوں ،
ابھی چیک کر رہی ہوں کہ بلاگ عالمی ا خبار پر براہ راست جاتا ہے کہ نہیں
شکر الحمد للہ اور شکریہ میرے صاحبزادے کا اور بہو کے بھائ کا کہ ان دونوں نے مل کر میرا کمپیوٹر ٹھیک کر دیا ،اب میں مصباح بھیّا آپ کی تحریر کی جانب آتی ہوں کہ یہ تحریر بلاشبہ میرے نزدیک ایک انمول تحفہ ہئے اتنی بہترین معلومات جو اس سے پہلے نہیں تھیں معلوم ہوئیں ،
اور راہ سلوک کے مسافر منزل بہ منزل کس طرح اپنا سفر طے کرتے ہیں مجھے ان منازل کے بارے میں بھی علم نہیں تھا ،اور کبھی کبھی میں سوچتی تھی کہ آخر کوئ انسان راہ سلوک کا مسافر بن کر عارف با للہ کیسے بن جاتا ہئے
جہاں تک حضرت عبدالقادر جیلانی رحمتہ ا للہ علیہ کی گیارہویں کی نیاز کا سلسلہ ہئے تو میں جہاں سے آئ ہوں وہاں پر گیارہویں کی نیاز میں شریک ہوتی ہوئ آئ ہوں بلکہ اللہ تبارک تعالٰی نے ان محافل کے اختتام پر دعاء کروانے کا شرف بھی مجھ عاصی کے نصیب میں لکھا ،
آپ کا شجرہ نسب جو مجھے دستیاب ہوا وہ یہ ہئے اگر اس مین کوئ نقص ہو تو معذرت بھی چاہوں گی اور ساتھ میں یہ بھی چاہوں گی کہ درست شجرہء نسب دے دیا جائے
آپ کا اسم مبارک،عبدالقادر
کنّیت ابو محمّد
والد کا نام موسٰی ،کنّیت ابو صالح
دادا کا نام ،عبداللہ جیلی،
ان کے والد یحیٰی زاہد
ان کے والد ، محمّد
ان کے جد داؤد
ان کے والد موسٰی ،
ان کے والد عبداللہ المخلص
ان کے والد حسن مثنّٰی
ان کے والد حسن
ان کے والد حضرت علی علیہالسّلام ابن ابی طالب
فی امان اللہ
زائرہ بجّو
سبحان اللہ کیا خوبصورت تحریر ہے دل موہ لینے والی ، اور یہ بھی حقیقت ہے کہ تصوف سمجھنا بھی ایک بہت اعلیٰ درجہ کا سخن ہے اور سمجھانا اس سے بھی زیادہ مشکل ہے مصباح بھائی نے اتنی عمدہ انداز میں گرانقدر معلومات بہم پہنچائی ہیں جو اس سے پہلے کچھ کچھ معلوم تو تھیں پر تصدیق شدہ نہیں تھیں ۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ تصوف اور تصوف والوں پر کاری ضرب بھی ان ہی لوگوں نے لگائی جن کے مزاج میں یا تو صرف ملائیت (میم پر پیش پڑھاجائے) حاوی تھی یا پھر ان کا نظریہء وحدت الوجود پر اعتقاد ہی نہیں تھا ۔
اللہ والوں کو کفر و نفاق کے فتوے لگا کا مسلمانوں سے دور کیا گیا یا پھر ان کے مزارات پر ذاتی مفادات کے پیش نظر جالی پیر اور سجادہ نشیں براجمان ہو گئے ۔ میں کراچی میں جب بھی حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار مبارک پر جاتا ہوں سخت رنج ہوتا ہے کہ اولادِ آلِ محمد کے ساتھ کیا سلوک ہو رہا ہے کس طرح چرس اور بھنگ پینے والوں کی آماجگاہ بنا دیا گیا ہے جس یہی حال مجھے لال شہباز قلندر کے مزار پر نظر آیا ۔
مصباح بھائی اللہ آپ کو سلامت رکھے آپ نے بجا فرمایا ہے کہ ”صوفیاء کا درس ہمیشہ ایک ہی رہا ہے اور در علی کے ہی فقیر رہے ہیں۔ کسی بھی صوفی و بزرگ کے بارے میں کوئی رائے قائم کرنے سے پہلے انکی تعلیمات کوسمجھنے کی ضرورت ہے جو بغیر استاد کے ممکن نہیں ہے۔ چونکہ اہل تصوف کے تمام سلسلے امام علی ؑ سے ہی جا کر ملتے ہیں اس لئے ان کو بدعت یا ایجاد ماننا سراسر غلط فہمی ہے اور یہ ماننا پڑے گا کہ یہ خود شارع اسلام ؐ کا وضع کردہ راستہ ہے۔ تا ہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اہل علماء آگے آئیں، ان کے دروس و اسباق کی تجزیہ نگاری کریں اور عوام تک ان کا ظاہر ومخفی پیغام پہنائیں تا کہ دین مزید تقسیم کی بجائے اسی وحدت کو اپنا سکے جسکے متمنی صوفیاء تھے اور خالق و مخلوق کے مابین حائل پردوں کو ہٹایا جا سکے۔ اسی میں فلاح انسانیت ہے۔“
ھم سب کو اس آگاہی کی شمع سے مزید شمعیں روشن کرنی چاہیئں اور قطع نظر اس کے کہ اس کا تعلق کس فرقہ یا مسلک سے ملتا ہے ھمیں اس کی بات سمجھنی جاہیے اور دوسروں تک اس کا حق و صداقت کا پیغام پہنچانا چایئے
زائرہ باجی سلام ۔ آپ نے بالکل دست نسب نامہ لکھا ہے۔ میں ابھی اپنے یہاں خاندانی نسخے سے اس کا موازنہ کیا۔ ناموں کی جو ترتیب اس میں موجود ہے وہ کم و بیش یہی ہے۔ اسکی نقل یہاں پیش خدمت ہے۔
محی الدّین عبد القادر الجیلانی البغدادیؒ
بن
سید ابو الصالح موسیٰ المعروف بہ جنگی دوستؒ
بن
سید عبد اللہ الثالثؒ
بن
سید محمد زاہدؒ المعروف بہ یحیٰ
بن
سید محمد رومیؒ
بن سید داؤدؒ
بن
سید موسیٰ الثانی ؒ
بن
سید عبد اللہ الثانیؒ المتخلص بہ مخلص
بن
سید عبد اللہ المحضؒ
بن
حضرت حسن المثّنیٰ ؓ
بن
شہزادہء سبق قبا امام حسن المجتبیٰؑ
بن
سید المشارق و المغارب اسد اللہ الغالب وصی ء نبی المختار ؐامام الثقلین علی ابن ابیطالب ؑ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مضمون کی پسندیدگی کا بہت شکریہ۔
سائرہ بہن مضمون کی پسندیدگی کا شکریہ۔ اصل میں تصوف کے موضوع پر یہ مضمون اسکے حق کا عشر عشیر بھی پیش نہیں کرتا۔ تاہم جہاں بنیادی معلومات کا واسطہ تھا، وہ فدوی نے کشاں کشاں پیش کر دی ہیں تا کہ اس طرف توجہات مبذول کرائی جا سکیں۔ اصل شے بنیادی نظریات ہیں جو وحدت الوجود اور وحدت الموجود ہیں۔ اب ہم نے سفر کیسے طے کرنا ہے اس کے لئےمزید سو مشکلات ہیں۔ اس کے لئے استاد بھی درکار ہے اور مناسب طریقہء مشق بھی۔ ایک بنیادی مشق کی کتاب آئنہ نفس ہے۔ اسکے علاوہ بیسیوں مشکل مگر اہم کتابیں کتب خانوں میں دستیاب ہیں۔ پاکستان میں چند سال قبل سید جعفر زمان نامی بزرگ گزرے ہیں جنہیں حاسد مُلّاؤں نے بلا سبب اپنی نوک ستم پر رکھا۔ انکی کتب بھی بڑے خاموش طریقے سے اہل افراد کی تربیت کا سامان فراہم کرتی ہیں۔ لیکن مسئلہ پھر استاد کا ہے۔ کہاں پر جلتے ہیں اور کہاں نہیں، یہ استاد ہی بتا سکتا ہے جسے تصوف کی زبان میں مرشد کہتے ہیں۔ ہمارے یہاں صوفی لکھاریوں کا ایک سلسلہ گزرا ہے جن میں اشفاق احمد، قدرت اللہ شہاب اور ممتاز مفتی قابل ذکر ہیں۔ لیکن ان کے افکار میں آپ کوگاہے بگاہے صاف کجی نظر آتی ہے، کیونکہ ان کے یہاں تمام نظریات ذاتی کسب و مراقبات کا نچوڑ تھے، نہ کہ ایک لائق استاد کی تربیت کا نتیجہ۔ اسکے باوجود آپ کو ان کے مضامین میں نفس شناسی کے حوالہ سے بہت اہم اسباق مل جاتے ہیں۔ میں یہی کہا کرتا ہوں کہ کوئی کتنا بھی بڑا فلسفی اور منطق دان ہو، اگر وہ شہر علم تک آکر اسکا دروازہ نہیں ڈھونڈ سکتا تو اس سے بڑا نادان کوئی نہیں ہے۔
بنیادی چیز ذکر اللہ ہی ہے، لیکن اسکے لئے درست منزل کا تعین ضروری ہے۔ سلسلہء قادیہء میں ہی کئی لوگ ذکر کرتے کرتے بہک جاتے ہیں، جس کی واضح مثال گوہر شاہی نامی شخص ہے۔ اصل سبب یہ ہے جب انسان منازل طے کرنے لگتا ہے تو اس وقت ابلیس بھی بہکانا شروع کرتا ہے۔ اور کم ظرف کا بہک جانا بہت آسان ہے۔ حضرت عبد القادر جیلانی کسی جنگل سے گزر رہے تھے تو ابلیس نے غائب سے صدا دیکر کہا کہ ہمیں تمہاری عبادت پسند آئی، اس لئے آج کے بعد تم پر شرعی قید ختم ہیں۔ اس پر آپ نے لا حول ولا قوۃ پڑھا اور کہا کہ ایسا کب ممکن ہے جب کہ مقصد خلقت ہے ہی عبادت اور شرعی قیود سے آزادی انسان کو عبدیت سے دور کر دیتی ہے، جس پر ابلیس بھاگ گیا اور بولا کہ تمہارے علم نے آج تمہیں مجھ سے بچا لیا۔ آپ نے پھر فرمایا کہ میرے علم نے نہیں، بلکہ رحمت خدواندی نے مجھے بچا لیا۔
اس سفر میں ایسی ہی بے شمار مشکلات انسان کی راہ میں آتی ہیں جن میں سے کچھ سے واسطہ ہم سب کو عام زندگی یں بھی پڑتا رہتا ہے۔ بلکہ سچ کہوں کہ ہم سب کو ان مشکلات سے واسطہ پڑتا تو ہے لیکن ہم چونکہ متوجہ نہیں ہوتے اس لئے کہیں کہیں ناکام ہو جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں انتظار امام، ملاقات با امام زمان ، پرواز روح اور انتظار و وظائف منتظران نامی کتابیں قابل مطالعہ ہیں۔ اسکے علاوہ ملا صدرا اور شیخ احمد احسائی کی کتب ( مثلا حیوٰۃ النفس) بھی مزید فلسفے کی گرہیں کھولتی ہیں۔ الغرض یہ ایک اتھاہ سمندر ہے اور جو جتنا اس میں اترتا ہے اتنا ہی اپنی تشنگی کا احساس کرتا ہے۔
اسکے علاوہ ذکر اذکار کے ہر خاندان اور سلسلہء طریقت میں الگ الگ اطوار و منازل ہیں۔ خاندان قادریہ میں لطائف ستہ کے نام سے ذکر اذکار کی منازل ہیں، جن پر کبھی زندگی نے موقع دیا تو ضرور کچھ عرض کروں گا۔
باقی تصوف میں سب سے اہم چیز راستہ اور منزل ہیں، نہ ہمسفر اور شخصیات۔ جیسا کہ امام علی ؑ نے فرمایا کہ یہ دیکھو کہ کون کیا کہ رہا ہے، یہ مت دیکھو کون کہ رہا ہے۔ اس لئے صوفی کو ہدایت بسا اوقات دیوار سے بھی مل جاتی ہے اور پتھر سے بھی۔ ایسا ہی ایک سبق غالب نے بھی لکھا ہے کہ:
دائم پڑا ہوا ترے در پر نہیں ہوں
خاک ایسی زندگی پہ کہ پتھر نہیں ہوں میں۔
یہاں میں یہ کہنا ضروری سمجھتا ہوں کہ اگر کہیں کوئی سوالات شخصیات کے حوالہ سے ہیں تو وہ اسقدر اہم نہیں جسقدر انکی تعلیمات اہم ہیں۔ جب ہم انکی باتیں سمجھنے لگ جائیں تو ان شخصیات کی خود ہی سمجھ آنے لگتی ہے۔
اس سفر کی مشکلات کا فقیر یوں ذکر کرتا ہے:
جعفر بھائی پذیرائی پر مشکور ہوں۔ مجھے آپ سے اتفاق ہے۔ یہ بے عملی کا مرض ہمیں کھا رہا ہے۔ آپ دیکھیں آج کل منبر سے بھی وہی لوگ زیادہ مقبول ہیں جو اپنی فیس کے عوض جنت بیچ لیتے ہیں۔ یہی حال فقراء کی درگاہوں کے ساتھ ہوا۔
آپکا یہ جملہ بہت اچھا لگا کہ ۔۔۔۔۔جن کے مزاج میں یا تو صرف ملائیت (میم پر پیش پڑھاجائے) حاوی تھی۔۔۔۔الخ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بہت خوب کیا خوبصورت انداز سے آپ نے مُلّائیت میں پڑنے والے شک کو رفع کیا ہے۔ پر مُلّا کا شک ہے کہ نکلتا ہی نہیں۔ ثم آمنوا و ثم کفروا والی بات ہے۔
آسلام علیکم.آپ کا مضمون پورا پڑھنا چاھتی ھوں پلیز لینک شیر کر دیں
سلام علیکم
میرا نام جسٹس حکیم امتیاز حسین ہے، سرینگر، کشمیر انڈیا سے ہوں۔محترم سید مسباح حسین جیلانی سے رابط کرنا چاہتا ہوں۔